یشُوع 3

بنی اِسرائیل دریائے یَردن کو پار کرتے ہیں

1 تب یشُوع صُبح سویرے اُٹھا اور وہ اورسب بنی اِسرائیل شِطِّیم سے کُوچ کر کے یَردن پر آئے اور پار اُترنے سے پہلے وہِیں ٹِکے۔

2 اور تِین دِن کے بعد منصبدار لشکر کے بِیچ سے ہو کر گُذرے۔

3 اور اُنہوں نے لوگوں کو حُکم دِیا کہ جب تُم خُداوند اپنے خُدا کے عہد کے صندُوق کو دیکھو اور کاہِن اور لاوی اُسے اُٹھائے ہُوئے ہوں تو تُم اپنی جگہ سے اُٹھ کر اُس کے پِیچھے پِیچھے چلنا۔

4 لیکن تُمہارے اور اُس کے درمِیان پَیمایش کر کے قرِیب دو ہزار ہاتھ کا فاصِلہ رہے ۔ اُس کے نزدِیک نہ جانا تاکہ تُم کو معلُوم ہو کہ کِس راستے تُم کو چلنا ہے کیونکہ تُم اب تک اِس راہ سے کبھی نہیں گُذرے۔

5 اور یشُوع نے لوگوں سے کہا تُم اپنے آپ کو مُقدّس کرو کیونکہ کل کے دِن خُداوند تُمہارے درمِیان عجِیب و غرِیب کام کرے گا۔

6 پِھر یشُوع نے کاہِنوں سے کہا کہ تُم عہد کے صندُوق کو لے کر لوگوں کے آگے آگے پار اُترو ۔ چُنانچہ وہ عہد کے صندُوق کو لے کر لوگوں کے آگے آگے چلے۔

7 اور خُداوند نے یشُوع سے کہا آج کے دِن سے مَیں تُجھے سب اِسرائیلِیوں کے سامنے سرفراز کرنا شرُوع کرُوں گا تاکہ وہ جان لیں کہ جَیسے مَیں مُوسیٰ کے ساتھ رہا وَیسے ہی تیرے ساتھ رہُوں گا۔

8 اور تُو اُن کاہِنوں کو جو عہد کے صندُوق کو اُٹھائیں یہ حُکم دینا کہ جب تُم یَردن کے پانی کے کنارے پُہنچو تو یَردن میں کھڑے رہنا۔

9 اور یشُوع نے بنی اِسرائیل سے کہا کہ پاس آکر خُداوند اپنے خُدا کی باتیں سُنو۔

10 اور یشُوع کہنے لگا کہ اِس سے تُم جان لو گے کہ زِندہ خُدا تُمہارے درمِیان ہے اور وُہی ضرُور کنعانیوں اور حتِّیوں اور حویّوں اور فرِزّیوں اور جرجاسیوں اور امورِیوں اور یبُوسیوں کو تُمہارے آگے سے دفع کرے گا۔

11 دیکھو ساری زمِین کے مالِک کے عہد کا صندُوق تُمہارے آگے آگے یَردن میں جانے کو ہے۔

12 سو اب تُم ہر قبِیلہ پِیچھے ایک آدمی کے حِساب سے بارہ آدمی اِسرا ئیل کے قبِیلوں میں سے چُن لو۔

13 اور جب یَردن کے پانی میں اُن کاہِنوں کے پاؤں کے تلوے ٹِک جائیں گے جو خُداوند یعنی ساری دُنیا کے مالِک کے عہد کا صندُوق اُٹھاتے ہیں تو یَردن کا پانی یعنی وہ پانی جو اُوپر سے بہتا ہُؤا نِیچے آتا ہے تھم جائے گا اور اُس کا ڈھیر لگ جائے گا۔

14 اور جب لوگوں نے یَردن کے پار جانے کو اپنے ڈیروں سے کُوچ کِیا اور وہ کاہِن جو عہد کا صندُوق اُٹھائے ہُوئے تھے لوگوں کے آگے آگے ہو لِئے۔

15 اور جب عہد کے صندُوق کے اُٹھانے والے یَردن پر پُہنچے اور اُن کاہِنوں کے پاؤں جو صندُوق کو اُٹھائے ہُوئے تھے کنارے کے پانی میں ڈُوب گئے (کیونکہ فصل کے تمام ایّام میں یَردن کا پانی چاروں طرف اپنے کناروں سے اُوپر چڑھ کر بہا کرتا ہے)۔

16 تو جو پانی اُوپر سے آتا تھا وہ خُوب دُور ادم کے پاس جو ضرتا ن کے برابر ایک شہر ہے رُک کر ایک ڈھیر ہو گیا اور وہ پانی جو مَیدان کے دریا یعنی دریایِ شور کی طرف بہہ کر گیا تھا بِالکُل الگ ہو گیا اور لوگ عَین یرِیحوُ کے مُقابِل پار اُترے۔

17 اور وہ کاہِن جو خُداوند کے عہد کا صندُوق اُٹھائے ہُوئے تھے یَردن کے بِیچ میں سُوکھی زمِین پر کھڑے رہے اور سب اِسرائیلی خُشک زمِین پر ہو کر گُذرے ۔ یہاں تک کہ ساری قَوم صاف یَردن کے پار ہو گئی۔

یشُوع 4

یادگاری پتھّر نصب کِئے جاتے ہیں

1 اور جب ساری قَوم یَردن کے پار ہو گئی تو خُداوند نے یشُو ع سے کہا کہ۔

2 قبِیلہ پِیچھے ایک آدمی کے حِساب سے بارہ آدمی لوگوں میں سے چُن لو۔

3 اور اُن کو حُکم دو کہ تُم یَردن کے بِیچ میں سے جہاں کاہِنوں کے پاؤں جمے ہُوئے تھے بارہ پتّھر لو اور اُن کو اپنے ساتھ لے جا کر اُس منزِل پر جہاں تُم آج کی رات ٹِکو گے رکھ دینا۔

4 تب یشُوع نے اُن بارہ آدمِیوں کو جِن کو اُس نے بنی اِسرائیل میں سے قبِیلہ پِیچھے ایک آدمی کے حِساب سے تیّار کر رکھّا تھا بُلایا۔

5 اور یشُوع نے اُن سے کہا تُم خُداوند اپنے خُدا کے عہد کے صندُوق کے آگے آگے یَردن کے بِیچ میں جاؤ اور تُم میں سے ہر شخص بنی اِسرائیل کے قبِیلوں کے شُمار کے مُطابِق ایک ایک پتّھر اپنے اپنے کندھے پر اُٹھا لے۔

6 تاکہ یہ تُمہارے درمِیان ایک نِشان ہو اور جب تُمہاری اَولاد آیندہ زمانہ میں تُم سے پُوچھے کہ اِن پتّھروں سے تُمہارا مطلب کیا ہے؟۔

7 تو تُم اُن کو جواب دینا کہ یَردن کا پانی خُداوند کے عہد کے صندُوق کے آگے دو حِصّے ہو گیا تھا کیونکہ جب وہ یَردن پار آ رہا تھا تب یَردن کا پانی دو حِصّے ہو گیا ۔ یُوں یہ پتّھر ہمیشہ کے لِئے بنی اِسرائیل کے واسطے یادگار ٹھہریں گے۔

8 چُنانچہ بنی اِسرائیل نے یشُوع کے حُکم کے مُطابِق کِیا اور جَیسا خُداوند نے یشُوع سے کہا تھا اُنہوں نے بنی اِسرائیل کے قبِیلوں کے شُمار کے مُطابِق یَردن کے بِیچ میں سے بارہ پتّھر اُٹھا لِئے اور اُن کو اُٹھا کر اپنے ساتھ اُس جگہ لے گئے جہاں وہ ٹِکے اور وہِیں اُن کو رکھ دِیا۔

9 اور یشُوع نے یَردن کے بِیچ میں اُس جگہ جہاں عہد کے صندُوق کے اُٹھانے والے کاہِنوں نے پاؤں جمائے تھے بارہ پتّھر نصب کِئے چُنانچہ وہ آج کے دِن تک وہِیں ہیں۔

10 کیونکہ وہ کاہِن جو صندُوق کو اُٹھائے ہُوئے تھے یَردن کے بِیچ ہی میں کھڑے رہے جب تک اُن سب باتوں کے مُطابِق جِن کا حُکم مُوسیٰ نے یشُوع کو دِیا تھا ہر ایک بات پُوری نہ ہو چُکی جِسے لوگوں کو بتانے کا حُکم خُداوند نے یشُوع کو کِیا تھا

اور لوگوں نے جلدی کی اور پار اُترے۔

11 اور اَیسا ہُؤا کہ جب سب لوگ صاف پار ہو گئے تو خُداوند کا صندُوق اور کاہِن بھی لوگوں کے رُوبرُو پار ہُوئے۔

12 اور بنی رُوبِن اور بنی جد اور منسّی کے آدھے قبِیلہ کے لوگ مُوسیٰ کے کہنے کے مُطابِق ہتھیار باندھے ہُوئے بنی اِسرائیل کے آگے پار گئے۔

13 یعنی قرِیب چالِیس ہزار آدمی لڑائی کے لِئے تیّار اور مُسلّح خُداوند کے حضُور پار ہو کر یرِیحُو کے مَیدانوں میں پُہنچے تاکہ جنگ کریں۔

14 اُس دِن خُداوند نے سب اِسرائیلِیوں کے سامنے یشُوع کو سرفراز کِیا اور جَیسے وہ مُوسیٰ سے ڈرتے تھے وَیسے ہی اُس سے اُس کی زِندگی بھر ڈرتے رہے۔

15 اور خُداوند نے یشُوع سے کہا کہ۔

16 اِن کاہِنوں کو جو عہد کا صندُوق اُٹھائے ہُوئے ہیں حُکم کر کہ وہ یَردن میں سے نِکل آئیں۔

17 چُنانچہ یشُوع نے کاہِنوں کو حُکم دِیا کہ یَردن میں سے نِکل آؤ۔

18 اور جب وہ کاہِن جو خُداوند کے عہد کا صندُوق اُٹھائے ہُوئے تھے یَردن کے بِیچ میں سے نِکل آئے اور اُن کے پاؤں کے تلوے خُشکی پر آ ٹِکے تو یَردن کا پانی پِھر اپنی جگہ پر آ گیا اور پہلے کی طرح اپنے سب کناروں پر بہنے لگا۔

19 اور لوگ پہلے مہِینے کی دسوِیں تارِیخ کو یَردن میں سے نِکل کر یرِیحُو کی مشرِقی سرحد پر جِلجا ل میں خَیمہ زن ہُوئے۔

20 اور یشُوع نے اُن بارہ پتّھروں کو جِن کو اُنہوں نے یَردن میں سے لِیا تھا جِلجا ل میں نصب کِیا۔

21 اور اُس نے بنی اِسرائیل سے کہا کہ جب تُمہارے لڑکے آیندہ زمانہ میں اپنے اپنے باپ دادا سے پُوچھیں کہ اِن پتّھروں کا مطلب کیا ہے؟۔

22 تو تُم اپنے لڑکوں کو یِہی بتانا کہ اِسرائیلی خُشکی خُشکی ہو کر اِس یَردن کے پار آئے تھے۔

23 کیونکہ خُداوند تُمہارے خُدا نے جب تک تُم پار نہ ہو گئے یَردن کے پانی کو تُمہارے سامنے سے ہٹا کر سُکھا دِیا جَیسا خُداوند تُمہارے خُدا نے بحرِ قُلزم سے کِیا کہ اُسے ہمارے سامنے سے ہٹا کر سُکھا دِیا جب تک ہم پار نہ ہو گئے۔

24 تاکہ زمِین کی سب قَومیں جان لیں کہ خُداوند کا ہاتھ قوِی ہے اور وہ خُداوند تُمہارے خُدا سے ہمیشہ ڈرتی رہیں۔

یشُوع 5

1 اور جب اُن امورِیوں کے سب بادشاہوں نے جو یَردن کے پار مغرِب کی طرف تھے اور اُن کنعانِیوں کے تمام بادشاہوں نے جو سمُندر کے نزدِیک تھے سُنا کہ خُداوند نے بنی اِسرائیل کے سامنے سے یَردن کے پانی کو ہٹا کر سُکھا دِیا جب تک ہم پار نہ آ گئے تو اُن کے دِل پِگھل گئے اور اُن میں بنی اِسرائیل کے سبب سے جان باقی نہ رہی۔

جِلجا ل کے مقام پر خَتنہ

2 اُس وقت خُداوند نے یشُوع سے کہا کہ چقمق کی چُھریاں بنا کر بنی اِسرائیل کا خَتنہ پِھر دُوسری بار کر دے۔

3 اور یشُوع نے چقمق کی چُھریاں بنائِیں اور کھلڑِیوں کی پہاڑی پر بنی اِسرائیل کا خَتنہ کِیا۔

4 اور یشُوع نے جو خَتنہ کِیا اُس کا سبب یہ ہے کہ وہ لوگ جو مِصر سے نِکلے اُن میں جِتنے جنگی مَرد تھے وہ سب بیابان میں مِصر سے نِکلنے کے بعد راستہ ہی میں مر گئے۔

5 پس وہ سب لوگ جو نِکلے تھے اُن کا خَتنہ ہو چُکا تھا پر وہ سب لوگ جو بیابان میں مِصر سے نِکلنے کے بعد راستہ ہی میں پَیدا ہُوئے تھے اُن کا خَتنہ نہیں ہُؤا تھا۔

6 کیونکہ بنی اسرائیل چالِیس برس تک بیابان میں پِھرتے رہے جب تک ساری قَوم یعنی سب جنگی مَرد جو مِصر سے نِکلے تھے فنا نہ ہو گئے ۔ اِس لِئے کہ اُنہوں نے خُداوند کی بات نہیں مانی تھی ۔ اُن ہی سے خُداوند نے قَسم کھا کر کہا تھا کہ وہ اُن کو اُس مُلک کو دیکھنے بھی نہ دے گا جِسے ہم کو دینے کی قَسم اُس نے اُن کے باپ دادا سے کھائی اور جہاں دُودھ اور شہد بہتا ہے۔

7 سو اُن ہی کے لڑکوں کا جِن کو اُس نے اُن کی جگہ برپا کِیا تھا یشُوع نے خَتنہ کِیا کیونکہ وہ نامختُون تھے اِس لِئے کہ راستہ میں اُن کا خَتنہ نہیں ہُؤا تھا۔

8 اور جب سب لوگوں کا خَتنہ کر چُکے تو یہ لوگ خَیمہ گاہ میں اپنی اپنی جگہ رہے جب تک اچّھے نہ ہو گئے۔

9 پِھر خُداوند نے یشُوع سے کہا کہ آج کے دِن مَیں نے مِصر کی ملامت کو تُم پر سے ڈُھلکا دِیا ۔ اِسی سبب سے آج کے دِن تک اُس جگہ کا نام جِلجا ل ہے۔

10 اور بنی اِسرائیل نے جِلجا ل میں ڈیرے ڈال لِئے اور اُنہوں نے یرِیحُو کے مَیدانوں میں اُسی مہِینے کی چَودھوِیں تارِیخ کو شام کے وقت عِیدِ فَسح منائی۔

11 اور عِیدِ فَسح کے دُوسرے دِن اُس مُلک کے پُرانے اناج کی بے خمِیری روٹِیاں اور اُسی روز بُھنی ہُوئی بالیں بھی کھائِیں۔

12 اور دُوسرے ہی دِن سے اُن کے اُس مُلک کے پُرانے اناج کے کھانے کے بعد مَنّ مَوقُوف ہو گیا اور آگے پِھر بنی اِسرائیل کو مَنّ کبھی نہ مِلا لیکن اُس سال اُنہوں نے مُلکِ کنعا ن کی پَیداوار کھائی۔

یشُوع اور تلوار بردار آدمی

13 اور جب یشُوع یرِیحُو کے نزدِیک تھا تو اُس نے اپنی آنکھیں اُٹھائِیں اور کیا دیکھا کہ اُس کے مُقابِل ایک شخص ہاتھ میں اپنی ننگی تلوار لِئے کھڑا ہے اور یشُوع نے اُس کے پاس جا کر اُس سے کہا تُو ہماری طرف ہے یا ہمارے دُشمنوں کی طرف؟۔

14 اُس نے کہا نہیں بلکہ مَیں اِس وقت خُداوند کے لشکر کا سردار ہو کر آیا ہُوں ۔

تب یشُوع نے زمِین پر سرنِگُوں ہو کر سِجدہ کِیا اور اُس سے کہا کہ میرے مالِک کا اپنے خادِم سے کیا اِرشاد ہے؟۔

15 اور خُداوند کے لشکر کے سردار نے یشُوع سے کہا کہ تُو اپنے پاؤں سے اپنی جُوتی اُتار دے کیونکہ یہ جگہ جہاں تُو کھڑا ہے مُقدّس ہے ۔ سو یشُوع نے اَیسا ہی کِیا۔

یشُوع 6

سقُوطِ یرِیحُو

1 (اور یرِیحُو بنی اِسرائیل کے سبب سے نِہایت مضبُوطی سے بند تھا اور نہ تو کوئی باہر جاتا اور نہ کوئی اندر آتا تھا)۔

2 اور خُداوند نے یشُوع سے کہا کہ دیکھ مَیں نے یرِیحُو کو اور اُس کے بادشاہ اور زبردست سُورماؤں کو تیرے ہاتھ میں کر دِیا ہے۔

3 سو تُم سب جنگی مَرد شہر کو گھیر لو اور ایک دفعہ اُس کے چَوگِرد گشت کرو ۔ چھ دِن تک تُم اَیسا ہی کرنا۔

4 اور سات کاہِن صندُوق کے آگے آگے مینڈھوں کے سِینگوں کے سات نرسِنگے لِئے ہُوئے چلیں اور ساتویں دِن تُم شہر کی چاروں طرف سات بار گُھومنا اور کاہِن نرسِنگے پُھونکیں۔

5 اور یُوں ہوگا کہ جب وہ مینڈھے کے سِینگ کو زور سے پُھونکیں اور تُم نرسِنگے کی آواز سُنو تو سب لوگ نِہایت زور سے للکاریں ۔ تب شہر کی دِیوار بِالکُل گِر جائے گی اور لوگ اپنے اپنے سامنے سِیدھے چڑھ جائیں۔

6 اور نُون کے بیٹے یشُوع نے کاہِنوں کو بُلا کر اُن سے کہا کہ عہد کے صندُوق کو اُٹھاؤ اور سات کاہِن مینڈھوں کے سِینگوں کے سات نرسِنگے لِئے ہُوئے خُداوند کے صندُوق کے آگے آگے چلیں۔

7 اور اُنہوں نے لوگوں سے کہا بڑھ کر شہر کو گھیر لو اور جو آدمی مُسلّح ہیں وہ خُداوند کے صندُوق کے آگے آگے چلیں۔

8 اور جب یشُوع لوگوں سے یہ باتیں کہہ چُکا تو سات کاہِن مینڈھوں کے سِینگوں کے سات نرسِنگے لِئے ہُوئے خُداوند کے آگے آگے چلے اور وہ نرسِنگے پُھونکتے گئے اور خُداوند کے عہد کا صندُوق اُن کے پِیچھے پِیچھے چلا۔

9 اور وہ مُسلّح آدمی اُن کاہِنوں کے آگے آگے چلے جو نرسِنگے پُھونک رہے تھے اور دُنبالہ صندُوق کے پِیچھے پِیچھے چلا اور کاہِن چلتے چلتے نرسِنگے پُھونکتے جاتے تھے۔

10 اور یشُوع نے لوگوں کو یہ حُکم دِیا کہ نہ تو تُم للکارنا اور نہ تُمہاری آواز سُنائی دے اور نہ تُمہارے مُنہ سے کوئی بات نِکلے ۔ جب مَیں تُم کو للکارنے کو کہُوں تب تُم للکارنا۔

11 سو اُس نے خُداوند کے صندُوق کو شہر کے گِرد ایک بار پِھروایا ۔ تب وہ خَیمہ گاہ میں آئے اور وہِیں رات کاٹی۔

12 اور یشُوع صُبح سویرے اُٹھا اور کاہِنوں نے خُداوند کا صندُوق اُٹھا لِیا۔

13 اور وہ سات کاہِن مینڈھوں کے سِینگوں کے سات نرسِنگے لِئے ہُوئے خُداوند کے صندُوق کے آگے آگے برابر چلتے اور نرسِنگے پُھونکتے جاتے تھے اور وہ مُسلّح آدمی آگے آگے ہو لِئے اور دُنبالہ خُداوند کے صندُوق کے پِیچھے پِیچھے چلا اور کاہِن چلتے چلتے نرسِنگے پُھونکتے جاتے تھے۔

14 اور دُوسرے دِن بھی وہ ایک بار شہر کے گِرد گُھوم کر خَیمہ گاہ میں پِھر آئے ۔ اُنہوں نے چھ دِن تک اَیسا ہی کِیا۔

15 اور ساتویں دِن یُوں ہُؤا کہ وہ صبُح کو پَو پھٹنے کے وقت اُٹھے اور اُسی طرح شہر کے گِرد سات بار پِھرے ۔ سات بار شہر کے گِرد فقط اُسی دِن پِھرے۔

16 اور ساتوِیں بار اَیسا ہُؤا کہ جب کاہِنوں نے نرسِنگے پُھونکے تو یشُوع نے لوگوں سے کہا للکارو! کیونکہ خُداوند نے یہ شہر تُم کو دے دِیا ہے۔

17 اور وہ شہر اور جو کُچھ اُس میں ہے سب خُداوند کی خاطِر نیست ہو گا ۔ فقط راحب کسبی اور جِتنے اُس کے ساتھ اُس کے گھر میں ہوں وہ سب جِیتے بچیں گے ۔ اِس لِئے کہ اُس نے اُن قاصِدوں کو جِن کو ہم نے بھیجا چُھپا رکھّا تھا۔

18 اور تُم بہر حال اپنے آپ کو مخصُوص کی ہُوئی چِیزوں سے بچائے رکھنا ۔ اَیسا نہ ہو کہ اُن کو مخصُوص کرنے کے بعد تُم کِسی مخصُوص کی ہُوئی چِیز کو لو اور یُوں اِسرا ئیل کی خَیمہ گاہ کو لَعنتی کر ڈالو اور اُسے دُکھ دو۔

19 لیکن سب چاندی اور سونا اور وہ برتن جو پِیتل اور لوہے کے ہوں خُداوند کے لِئے مُقدّس ہیں ۔ سو وہ خُداوند کے خزانہ میں داخِل کِئے جائیں۔

20 پس لوگوں نے للکارا اور کاہِنوں نے نرسِنگے پُھونکے اور اَیسا ہُؤا کہ جب لوگوں نے نرسِنگے کی آواز سُنی تو اُنہوں نے بُلند آواز سے للکارا اور دِیوار بِالکُل گِر پڑی اور لوگوں میں سے ہر ایک آدمی اپنے سامنے سے چڑھ کر شہر میں گُھسا اور اُنہوں نے اُس کو لے لِیا۔

21 اور اُنہوں نے اُن سب کو جو شہر میں تھے کیا مَرد کیا عَورت کیا جوان کیا بُڈّھے کیا بَیل کیا بھیڑ کیا گدھے سب کو تلوار کی دھار سے بِالکُل نیست کر دِیا۔

22 اور یشُوع نے اُن دونوں آدمِیوں سے جِنہوں نے اُس مُلک کی جاسُوسی کی تھی کہا کہ اُس کسبی کے گھر جاؤ اور وہاں سے جَیسی تُم نے اُس سے قَسم کھائی ہے اُس کے مُطابِق اُس عَورت کو اور جو کُچھ اُس کے پاس ہے سب کو نِکال لاؤ۔

23 تب وہ دونوں جوان جاسُوس اندر گئے اور راحب کو اور اُس کے باپ اور اُس کی ماں اور اُس کے بھائِیوں کو اور اُس کے اسباب بلکہ اُس کے سارے خاندان کو نِکال لائے اور اُن کو بنی اِسرائیل کی خَیمہ گاہ کے باہر بِٹھا دِیا۔

24 پِھر اُنہوں نے اُس شہر کو اور جو کُچھ اُس میں تھا سب کو آگ سے پُھونک دِیا اور فقط چاندی اور سونے کو اور پِیتل اور لوہے کے برتنوں کو خُداوند کے گھر کے خزانہ میں داخِل کِیا۔

25 لیکن یشُوع نے راحب کسبی اور اُس کے باپ کے گھرانے کو اور جو کُچھ اُس کا تھا سب کو سلامت بچا لِیا ۔ اُس کی بُود و باش آج کے دِن تک اِسرا ئیل میں ہے کیونکہ اُس نے اُن قاصِدوں کو جِن کو یشُوع نے یرِیحُو میں جاسُوسی کے لِئے بھیجا تھا چُھپا رکھّا تھا۔

26 اور یشُوع نے اُس وقت اُن کو قَسم دے کر تاکِید کی اور کہا کہ جو شخص اُٹھ کر اِس یرِیحُو شہر کو پِھر بنائے وہ خُداوند کے حضُور ملعُون ہو

وہ اپنے پہلوٹھے کو اُس کی نیو ڈالتے وقت

اور اپنے سب سے چھوٹے بیٹے کو اُس کے پھاٹک لگواتے وقت کھو بَیٹھے گا۔

27 سو خُداوند یشُوع کے ساتھ تھا اور اُس سارے مُلک میں اُس کی شُہرت پَھیل گئی۔

یشُوع 7

عکن کا گُناہ

1 لیکن بنی اِسرائیل نے مخصُوص کی ہُوئی چِیز میں خیانت کی کیونکہ عکن بِن کرمی بِن زبد ی بِن زارح نے جو یہُوداہ کے قبِیلہ کا تھا اُن مخصُوص کی ہُوئی چِیزوں میں سے کُچھ لے لِیا ۔ سو خُداوند کا قہر بنی اِسرائیل پر بھڑکا۔

2 اور یشُوع نے یرِیحُو سے عی کو جو بَیت ایل کی مشرِقی سمت میں بَیت آو ن کے قرِیب واقِع ہے کُچھ لوگ یہ کہہ کر بھیجے کہ جا کر مُلک کا حال دریافت کرو اور اِن لوگوں نے جا کر عی کا حال دریافت کِیا۔

3 اور وہ یشُو ع کے پاس لَوٹے اور اُس سے کہا سب لوگ نہ جائیں ۔ فقط دو تِین ہزار مَرد چڑھ جائیں اور عی کو مار لیں ۔ سب لوگوں کو وہاں جانے کی تکلِیف نہ دے کیونکہ وہ تھوڑے سے ہیں۔

4 چُنانچہ لوگوں میں سے تِین ہزار مَرد کے قرِیب وہاں چڑھ گئے اور عی کے لوگوں کے سامنے سے بھاگ آئے۔

5 اور عی کے لوگوں نے اُن میں سے کوئی چھتِّیس آدمی مار لِئے اور پھاٹک کے سامنے سے لے کر شبرِ یم تک اُن کو کھدیڑتے آئے اور اُتار پر اُن کو مارا۔ سو اُن لوگوں کے دِل پِگھل کرپانی کی طرح ہو گئے۔

6 تب یشُو ع اور سب اِسرائیلی بزُرگوں نے اپنے اپنے کپڑے پھاڑے اور خُداوند کے عہد کے صندُوق کے آگے شام تک زمِین پر اَوندھے پڑے رہے اور اپنے اپنے سر پر خاک ڈالی۔

7 اور یشُوع نے کہا ہائے اَے مالِک خُداوند! تُو ہم کو امورِیوں کے ہاتھ میں حوالہ کر کے ہمارا ناس کرانے کی خاطِر اِس قَوم کو یَردن کے اِس پار کیوں لایا؟ کاش کہ ہم قناعت کرتے اور یَردن کے اُس پار ہی بُود و باش کرتے۔

8 اَے مالِک اِسرائیلِیوں کے اپنے دُشمنوں کے آگے پِیٹھ پھیر دینے کے بعد مَیں کیا کہُوں!۔

9 کیونکہ کنعانی اور اِس مُلک کے سب باشِندے یہ سُن کر ہم کو گھیر لیں گے اور ہمارا نام زمِین پر سے مِٹا ڈالیں گے ۔ پِھر تُو اپنے بزُرگ نام کے لِئے کیا کرے گا؟۔

10 اور خُداوند نے یشُوع سے کہا اُٹھ کھڑا ہو ۔ تُو کیوں اِس طرح اَوندھا پڑا ہے؟۔

11 اِسرائیلِیوں نے گُناہ کِیا اور اُنہوں نے اُس عہد کو جِس کا مَیں نے اُن کو حُکم دِیا توڑا ہے۔اُنہوں نے مخصُوص کی ہُوئی چِیزوں میں سے کُچھ لے بھی لِیا اور چوری بھی کی اور رِیاکاری بھی کی اور اپنے اسباب میں اُسے مِلا بھی لِیا ہے۔

12 اِس لِئے بنی اِسرائیل اپنے دُشمنوں کے آگے ٹھہر نہیں سکتے ۔ وہ اپنے دُشمنوں کے آگے پِیٹھ پھیرتے ہیں کیونکہ وہ ملعُون ہو گئے ۔ مَیں آگے کو تُمہارے ساتھ نہیں رہُوں گا جب تک تُم مخصُوص کی ہُوئی چِیز کو اپنے درمِیان سے نیست نہ کر دو۔

13 اُٹھ لوگوں کو پاک کر اور کہہ کہ تُم اپنے کو کل کے لِئے پاک کرو کیونکہ خُداوند اِسرا ئیل کا خُدا یُوں فرماتا ہے کہ اَے اِسرائیلِیو! تُمہارے درمِیان مخصُوص کی ہُوئی چِیز مَوجُود ہے ۔ تُم اپنے دُشمنوں کے آگے ٹھہر نہیں سکتے جب تک تُم اُس مخصُوص کی ہُوئی چِیز کو اپنے درمِیان سے دُور نہ کر دو۔

14 سو تُم کل صُبح کو اپنے اپنے قبِیلہ کے مُطابِق حاضِر کِئے جاؤ گے اور جِس قبِیلہ کو خُداوند پکڑے وہ ایک ایک خاندان کر کے پاس آئے اور جِس خاندان کو خُداوند پکڑے وہ ایک ایک گھر کر کے پاس آئے اور جِس گھر کو خُداوند پکڑے وہ ایک ایک آدمی کر کے پاس آئے۔

15 تب جو کوئی مخصُوص کی ہُوئی چِیز رکھتا ہُؤا پکڑا جائے وہ اور جو کُچھ اُس کا ہو سب آگ سے جلا دِیا جائے ۔ اِس لِئے کہ اُس نے خُداوند کے عہد کو توڑ ڈالا اور بنی اِسرائیل کے درمِیان شرارت کا کام کِیا۔

16 پس یشُوع نے صُبح سویرے اُٹھ کر اِسرائیلِیوں کو قبِیلہ بہ قبِیلہ حاضِر کِیا اور یہُوداہ کا قبِیلہ پکڑا گیا۔

17 پِھر وہ یہُوداہ کے خاندانوں کو نزدِیک لایا اور زارح کا خاندان پکڑا گیا ۔ پِھر وہ زارح کے خاندان کے ایک ایک آدمی کو نزدِیک لایا اور زبدی پکڑا گیا۔

18 پِھر وہ اُس کے گھرانے کے ایک ایک مَرد کو نزدِیک لایا اور عکن بِن کرمی بِن زبد ی بِن زارح جو یہُوداہ کے قبِیلہ کا تھا پکڑا گیا۔

19 تب یشُوع نے عکن سے کہا اَے میرے فرزند مَیں تیری مِنّت کرتا ہُوں کہ خُداوند اِسرا ئیل کے خُدا کی تمجِید کر اور اُس کے آگے اِقرار کر ۔ اب تُو مُجھے بتا دے کہ تُو نے کیا کِیا ہے اور مُجھ سے مت چُھپا۔

20 اور عکن نے یشُوع کو جواب دِیا فی الحقِیقت مَیں نے خُداوند اِسرا ئیل کے خُدا کا گُناہ کِیا ہے اور یہ یہ مُجھ سے سرزد ہُؤا ہے۔

21 کہ جب مَیں نے لُوٹ کے مال میں بابل کی ایک نفِیس چادر اور دو سَو مِثقال چاندی اور پچاس مِثقال سونے کی ایک اِینٹ دیکھی تو مَیں نے للچا کر اُن کو لے لِیا اور دیکھ وہ میرے ڈیرے میں زمِین میں چُھپائی ہُوئی ہیں اور چاندی اُن کے نِیچے ہے۔

22 پس یشُوع نے قاصِد بھیجے ۔ وہ اُس ڈیرے کو دَوڑے گئے اور کیا دیکھا کہ وہ اُس کے ڈیرے میں چُھپائی ہُوئی ہیں اور چاندی اُن کے نِیچے ہے۔

23 وہ اُن کو ڈیرے میں سے نِکال کر یشُوع اور سب بنی اِسرائیل کے پاس لائے اور اُن کو خُداوند کے حضُور رکھ دِیا۔

24 تب یشُوع اور سب اِسرائیلِیوں نے زارح کے بیٹے عکن کو اور اُس چاندی اور چادر اور سونے کی اِینٹ کو اور اُس کے بیٹوں اور بیٹِیوں کو اور اُس کے بَیلوں اور گدھوں اور بھیڑ بکریوں اور ڈیرے کو اور جو کُچھ اُس کا تھا سب کو لِیا اور وادیِ عکُور میں اُن کو لے گئے۔

25 اور یشُوع نے کہا کہ تُو نے ہم کو کیوں دُکھ دِیا؟ خُداوند آج کے دِن تُجھے دُکھ دے گا! تب سب اِسرائیلِیوں نے اُسے سنگسار کِیا اور اُنہوں نے اُن کوآگ میں جلایا اور اُن کو پتّھروں سے مارا۔

26 اور اُنہوں نے اُس کے اُوپر پتّھروں کا ایک بڑا ڈھیر لگا دِیا جو آج تک ہے ۔

تب خُداوند اپنے قہرِ شدِید سے باز آیا ۔ اِس لِئے اُس جگہ کا نام آج تک وادیِ عکُور ہے۔

یشُوع 8

عی پر قبضہ اور اُس کی بربادی

1 اور خُداوند نے یشُو ع سے کہا خَوف نہ کھا اور نہ ہِراسان ہو۔ سب جنگی مَردوں کو ساتھ لے اور اُٹھ کرعی پر چڑھائی کر ۔ دیکھ مَیں نے عی کے بادشاہ اور اُس کی رعیّت اور اُس کے شہر اور اُس کے عِلاقہ کو تیرے قبضہ میں کر دِیا ہے۔

2 اور تُو عی اور اُس کے بادشاہ سے وُہی کرنا جو تُو نے یرِیحُو اور اُس کے بادشاہ سے کِیا ۔ فقط وہاں کے مالِ غنِیمت اور چَوپایوں کو تُم اپنے لِئے لُوٹ کے طَور پر لے لینا ۔ سو تُو اُس شہر کے لِئے اُسی کے پِیچھے اپنے آدمی گھات میں لگا دے۔

3 پس یشُوع اور سب جنگی مَرد عی پر چڑھائی کرنے کواُٹھے اور یشُوع نے تِیس ہزار مَرد جو زبردست سُورماتھے چُن کر رات ہی کو اُن کو روانہ کِیا۔

4 اور اُن کو یہ حُکم دِیا کہ دیکھو! تُم اُس شہر کے مُقابِل شہر ہی کے پِیچھے گھات میں بَیٹھنا ۔ شہر سے بُہت دُور نہ جانا بلکہ تُم سب تیّار رہنا۔

5 اور مَیں اُن سب آدمِیوں کو لے کر جو میرے ساتھ ہیں شہر کے نزدِیک آؤں گا اور اَیسا ہو گا کہ جب وہ ہمارا سامنا کرنے کو پہلے کی طرح نِکل آئیں گے تو ہم اُن کے سامنے سے بھاگیں گے۔

6 اور وہ ہمارے پِیچھے پِیچھے نِکلے چلے آئیں گے یہاں تک کہ ہم اُن کو شہر سے دُور نِکال لے جائیں گے کیونکہ وہ کہیں گے کہ یہ تو پہلے کی طرح ہمارے سامنے سے بھاگے جاتے ہیں ۔ سو ہم اُن کے آگے سے بھاگیں گے۔

7 اور تُم گھات میں سے اُٹھ کر شہر پر قبضہ کر لینا کیونکہ خُداوند تُمہارا خُدا اُسے تُمہارے قبضہ میں کر دے گا۔

8 اور جب تُم اُس شہر کو لے لو تو اُسے آگ لگا دینا ۔ خُداوند کے کہنے کے مُوافِق کام کرنا ۔ دیکھو مَیں نے تُم کو حُکم کر دِیا۔

9 اور یشُوع نے اُن کو روانہ کِیا اور وہ کمِین گاہ میں گئے اور بَیت ایل اور عی کے درمِیان عی کے مغرِب کی طرف جا بَیٹھے لیکن یشُوع اُس رات کو لوگوں کے بِیچ ٹِکا رہا۔

10 اور یشُوع نے صُبح سویرے اُٹھ کر لوگوں کی مَوجُودات لی اور وہ بنی اِسرائیل کے بزُرگوں کو ساتھ لے کر لوگوں کے آگے آگے عی کی طرف چلا۔

11 اور سب جنگی مَرد جو اُس کے ساتھ تھے چلے اور نزدِیک پُہنچ کر شہر کے سامنے آئے اور عی کے شِمال میں ڈیرے ڈالے اور یشُوع اور عی کے بِیچ ایک وادی تھی۔

12 تب اُس نے کوئی پانچ ہزار مَردوں کو لے کر بَیت ایل اور عی کے درمِیان شہر کے مغرِب کی طرف اُن کو کمِین گاہ میں بِٹھایا۔

13 سو اُنہوں نے لوگوں کو یعنی ساری فَوج کو جو شہر کے شِمال میں تھی اور اُن کو جو شہر کی مغرِبی طرف گھات میں تھے ٹِھکانے پر کر دِیا اور یشُوع اُسی رات اُس وادی میں گیا۔

14 اور جب عی کے بادشاہ نے یہ دیکھا تو اُنہوں نے جلدی کی اور سویرے اُٹھے اور شہر کے آدمی یعنی وہ اور اُس کے سب لوگ نِکل کر مُعیّن وقت پر لڑائی کے لِئے بنی اِسرائیل کے مُقابِل مَیدان کے سامنے آئے اور اُسے خبر نہ تھی کہ شہر کے پِیچھے اُس کی گھات میں لوگ بَیٹھے ہُوئے ہیں۔

15 تب یشُوع اور سب اِسرائیلِیوں نے اَیسا دِکھایا گویا اُنہوں نے اُن سے شِکست کھائی اور بیابان کے راستے ہو کر بھاگے۔

16 اور جِتنے لوگ شہر میں تھے وہ اِن کا پِیچھا کرنے کے لِئے بُلائے گئے اور اُنہوں نے یشُوع کا پِیچھا کِیا اور شہر سے دُور نِکلے چلے گئے۔

17 اور عی اور بَیت ایل میں کوئی مَرد باقی نہ رہا جو اِسرائیلِیوں کے پِیچھے نہ گیا ہو اور اُنہوں نے شہر کو کُھلا چھوڑ کر اِسرائیلِیوں کا پِیچھا کِیا۔

18 تب خُداوند نے یشُوع سے کہا کہ جو برچھا تیرے ہاتھ میں ہے اُسے عی کی طرف بڑھا دے کیونکہ مَیں اُسے تیرے قبضہ میں کر دُوں گا اور یشُوع نے اُس برچھے کو جو اُس کے ہاتھ میں تھا شہر کی طرف بڑھایا۔

19 تب اُس کے ہاتھ بڑھاتے ہی جو گھات میں تھے اپنی جگہ سے نِکلے اور دَوڑ کر شہر میں داخِل ہُوئے اور اُسے سر کر لِیا اور جلد شہر میں آگ لگا دی۔

20 اور جب عی کے لوگوں نے پِیچھے مُڑ کر نظر کی تو دیکھا کہ شہر کا دُھواں آسمان کی طرف اُٹھ رہا ہے اور اُن کا بس نہ چلا کہ وہ اِدھر یا اُدھر بھاگیں اور جو لوگ بیابان کی طرف بھاگے تھے وہ پِیچھا کرنے والوں پر اُلٹ پڑے۔

21 اور جب یشُوع اور سب اِسرائیلِیوں نے دیکھا کہ گھات والوں نے شہر لے لِیا اور شہر کا دُھواں اُٹھ رہا ہے تو اُنہوں نے پلٹ کر عی کے لوگوں کو قتل کِیا۔

22 اور وہ دُوسرے بھی اُن کے مُقابلہ کو شہر سے نِکلے ۔ سو وہ سب کے سب اِسرائیلِیوں کے بِیچ میں جو کُچھ تو اِدھر اور کُچھ اُدھر تھے پڑ گئے اور اُنہوں نے اُن کو مارا یہاں تک کہ کِسی کو نہ باقی چھوڑا نہ بھاگنے دِیا۔

23 اور وہ عی کے بادشاہ کو زِندہ گِرفتار کر کے یشُوع کے پاس لائے۔

24 اور جب اِسرائیلی عی کے سب باشِندوں کو مَیدان میں اُس بیابان کے درمِیان جہاں اُنہوں نے اِن کا پِیچھا کِیا تھا قتل کر چُکے اور وہ سب تلوار سے مارے گئے یہاں تک کہ بِالکُل فنا ہو گئے تو سب اِسرائیلی عی کو پِھرے اور اُسے تہِ تَیغ کر دِیا۔

25 چُنانچہ وہ جو اُس دِن مارے گئے مَرد اور عَورت مِلا کر بارہ ہزار یعنی عی کے سب لوگ تھے۔

26 کیونکہ یشُوع نے اپنا ہاتھ جِس سے وہ برچھے کو بڑھائے ہُوئے تھا نہیں کھینچا جب تک کہ اُس نے عی کے سب رہنے والوں کو بِالکُل ہلاک نہ کر ڈالا۔

27 اور اِسرائیلِیوں نے خُداوند کے حُکم کے مُطابِق جو اُس نے یشُوع کو دِیا تھا اپنے لِئے فقط شہر کے چَوپایوں اور مالِ غنِیمت کو لُوٹ میں لِیا۔

28 پس یشُوع نے عی کو جلا کر ہمیشہ کے لِئے اُسے ایک ڈھیر اور وِیرانہ بنا دِیا جو آج کے دِن تک ہے۔

29 اور اُس نے عی کے بادشاہ کو شام تک درخت پر ٹانگ کر رکھّا اور جُوں ہی سُورج ڈُوبنے لگا اُنہوں نے یشُوع کے حُکم سے اُس کی لاش کو درخت سے اُتار کر شہر کے پھاٹک کے سامنے ڈال دِیا اور اُس پر پتّھروں کا ایک بڑا ڈھیر لگا دِیا جو آج کے دِن تک ہے۔

کوہِ عیبال پر شرِیعت کا پڑھا جانا

30 تب یشُوع نے کوہِ عیبا ل پر خُداوند اِسرا ئیل کے خُدا کے لِئے ایک مذبح بنایا۔

31 جَیسا خُداوند کے بندہ مُوسیٰ نے بنی اِسرائیل کو حُکم دِیا تھا اور جَیسا مُوسیٰ کی شرِیعت کی کِتاب میں لِکھا ہے یہ مذبح بے گھڑے پتّھروں کا تھا جِس پر کِسی نے لوہا نہیں لگایا تھا اور اُنہوں نے اُس پر خُداوند کے حضُور سوختنی قُربانیاں اور سلامتی کے ذبِیحے گُذرانے۔

32 اور اُس نے وہاں اُن پتّھروں پر مُوسیٰ کی شرِیعت کی جو اُس نے لِکھی تھی سب بنی اِسرائیل کے سامنے ایک نقل کندہ کی۔

33 اور سب اِسرائیلی اور اُن کے بزُرگ اور منصب دار اور قاضی یعنی دیسی اور پردیسی دونوں لاوی کاہِنوں کے آگے جو خُداوند کے عہد کے صندُوق کے اُٹھانے والے تھے صندُوق کے اِدھر اور اُدھر کھڑے ہُوئے ۔ اِن میں سے آدھے تو کوہِ گرزیم کے مُقابِل اور آدھے کوہِ عیبا ل کے مُقابِل تھے جَیسا خُداوند کے بندہ مُوسیٰ نے پہلے حُکم دِیا تھا کہ وہ اِسرائیلی لوگوں کو برکت دیں۔

34 اِس کے بعد اُس نے شرِیعت کی سب باتیں یعنی برکت اور لَعنت جَیسی وہ شرِیعت کی کِتاب میں لِکھی ہُوئی ہیں پڑھ کر سُنائِیں۔

35 چُنانچہ جو کُچھ مُوسیٰ نے حُکم دِیا تھا اُس میں سے ایک بات بھی اَیسی نہ تھی جِسے یشُوع نے بنی اِسرائیل کی ساری جماعت اور عَورتوں اور بال بچّوں اور اُن مُسافِروں کے سامنے جو اُن کے ساتھ مِل کر رہتے تھے نہ پڑھا ہو۔

یشُوع 9

جِبعونی یشُوع کو چکمہ دیتے ہیں

1 اور جب اُن سب حِتّی ۔ اموری ۔ کنعانی ۔ فرزّی ۔ حوّی اور یبوسی بادشاہوں نے جو یَردن کے اُس پار کوہستانی مُلک اور نشیب کی زمِین اور بڑے سمُندر کے اُس ساحِل پر جو لُبنان کے سامنے ہے رہتے تھے یہ سُنا۔

2 تو وہ سب کے سب فراہم ہُوئے تاکہ مُتّفِق ہو کر یشُوع اور بنی اِسرائیل سے جنگ کریں۔

3 اور جب جِبعو ن کے باشِندوں نے سُنا کہ یشُوع نے یرِیحُو اور عی سے کیا کیا کِیا ہے۔

4 تو اُنہوں نے بھی حِیلہ بازی کی اور جا کر سفِیروں کا بھیس بھرا اور پُرانے بورے اور پُرانے پھٹے ہُوئے اور مرمّت کِئے ہُوئے شراب کے مشکِیزے اپنے گدھوں پر لادے۔

5 اور پاؤں میں پُرانے پَیوند لگے ہُوئے جُوتے اور تن پر پُرانے کپڑے ڈالے اور اُن کے سفر کا توشہ سُوکھی پھپُھوندی لگی ہُوئی روٹِیاں تِھیں۔

6 اور وہ جِلجا ل میں خَیمہ گاہ کو یشُوع کے پاس جا کر اُس سے اور اِسرائیلی مَردوں سے کہنے لگے ہم ایک دُور مُلک سے آئے ہیں ۔ سو اب تُم ہم سے عہد باندھو۔

7 تب اِسرائیلی مَردوں نے اُن حویّوں سے کہا کہ شاید تُم ہمارے درمِیان ہی رہتے ہو ۔ پس ہم تُم سے کیونکر عہد باندھیں؟۔

8 اُنہوں نے یشُوع سے کہا ہم تیرے خادِم ہیں ۔

تب یشُوع نے اُن سے پُوچھا تُم کَون ہو اور کہاں سے آئے ہو؟۔

9 اُنہوں نے اُس سے کہا تیرے خادِم ایک بُہت دُور مُلک سے خُداوند تیرے خُدا کے نام کے باعِث آئے ہیں کیونکہ ہم نے اُس کی شُہرت اور جو کُچھ اُس نے مِصر میں کِیا۔

10 اور جو کُچھ اُس نے امورِیوں کے دونوں بادشاہوں سے جو یَردن کے اُس پار تھے یعنی حسبو ن کے بادشاہ سیحو ن اور بسن کے بادشاہ عوج سے جو عستارا ت میں تھا کِیا سب سُنا ہے۔

11 سو ہمارے بزُرگوں اور ہمارے مُلک کے سب باشِندوں نے ہم سے یہ کہا کہ تُم سفر کے لِئے اپنے ہاتھ میں توشہ لے لو اور اُن سے مِلنے کو جاؤ اور اُن سے کہو کہ ہم تُمہارے خادِم ہیں سو تُم اب ہمارے ساتھ عہد باندھو۔

12 جِس دِن ہم تُمہارے پاس آنے کو نِکلے ہم نے اپنے اپنے گھر سے اپنے توشہ کی روٹی گرم گرم لی اور اب دیکھو وہ سُوکھی ہے اور اُسے پھپُھوندی لگ گئی۔

13 اور مَے کے یہ مشکِیزے جو ہم نے بھر لِئے تھے نئے تھے اور دیکھو یہ تو پھٹ گئے اور یہ ہمارے کپڑے اور جُوتے دُور دراز سفر کی وجہ سے پُرانے ہو گئے۔

14 تب اِن لوگوں نے اُن کے توشہ میں سے کُچھ لِیا اور خُداوند سے مشورَت نہ کی۔

15 اور یشُوع نے اُن سے صُلح کی اور اُن کی جان بخشی کرنے کے لِئے اُن سے عہد باندھا اور جماعت کے امِیروں نے اُن سے قَسم کھائی۔

16 اور اُن کے ساتھ عہد باندھنے سے تِین دِن کے بعد اُن کے سُننے میں آیا کہ یہ اُن کے پڑوسی ہیں اور اُن کے درمِیان ہی رہتے ہیں۔

17 اور بنی اِسرائیل کُوچ کر کے تِیسرے دِن اُن کے شہروں میں پُہنچے ۔ جِبعو ن اور کفِیر ہ اوربیرو ت اور قریَت یعرِ یم اُن کے شہر تھے۔

18 اور بنی اِسرائیل نے اُن کو قتل نہ کِیا اِس لِئے کہ جماعت کے امِیروں نے اُن سے خُداوند اِسرا ئیل کے خُدا کی قَسم کھائی تھی اور ساری جماعت اُن امِیروں پر کُڑکُڑانے لگی۔

19 پر اُن سب امِیروں نے ساری جماعت سے کہا کہ ہم نے اُن سے خُداوند اِسرا ئیل کے خُدا کی قَسم کھائی ہے اِس لِئے ہم اُنہیں چُھو نہیں سکتے۔

20 ہم اُن سے یِہی کریں گے اور اُن کو جِیتا چھوڑیں گے تا نہ ہو کہ اُس قَسم کے باعِث جو ہم نے اُن سے کھائی ہے ہم پر غضب ٹُوٹے۔

21 سو امِیروں نے اُن سے یِہی کہا کہ اُن کو جِیتا چھوڑو ۔ پس وہ ساری جماعت کے لِئے لکڑہارے اور پانی بھرنے والے بنے جَیسا امِیروں نے اُن سے کہا تھا۔

22 تب یشُوع نے اُن کو بُلوا کر اُن سے کہا جِس حال کہ تُم ہمارے درمِیان رہتے ہو تُم نے یہ کہہ کر ہم کو کیوں فریب دِیا کہ ہم تُم سے بُہت دُور رہتے ہیں؟۔

23 اِس لِئے اب تُم لَعنتی ٹھہرے اور تُم میں سے کوئی اَیسا نہ رہے گا جو غُلام یعنی میرے خُدا کے گھر کے لِئے لکڑہارا اور پانی بھرنے والا نہ ہو۔

24 اُنہوں نے یشُوع کو جواب دِیا کہ تیرے خادِموں کو تحقِیق یہ خبر مِلی تھی کہ خُداوند تیرے خُدا نے اپنے بندہ مُوسیٰ کو فرمایا کہ سارا مُلک تُم کو دے اور اِس مُلک کے سب باشِندوں کو تُمہارے سامنے سے نیست ونابُود کرے ۔ سو ہم کو تُمہارے سبب سے اپنی جانوں کے لالے پڑ گئے اِس لِئے ہم نے یہ کام کِیا۔

25 اور اب دیکھ ہم تیرے ہاتھ میں ہیں ۔ جو کُچھ تُو ہم سے کرنا بھلا اور ٹِھیک جانے سو کر۔

26 پس اُس نے اُن سے وَیسا ہی کِیا اور بنی اِسرائیل کے ہاتھ سے اُن کو اَیسا بچایا کہ اُنہوں نے اُن کو قتل نہ کِیا۔

27 اور یشُوع نے اُسی دِن اُن کو جماعت کے لِئے اور اُس مقام پر جِسے خُداوند خُود چُنے اُس کے مذبح کے لِئے لکڑہارے اور پانی بھرنے والے مُقرّر کِیا جَیسا آج تک ہے۔

یشُوع 10

امورِیوں کوشِکست ہوتی ہے

1 اور جب یروشلِیم کے بادشاہ ادُونی صدق نے سُنا کہ یشُوع نے عی کو سر کر کے اُسے نیست و نابُود کر دِیا اور جَیسا اُس نے یرِیحُو اور وہاں کے بادشاہ سے کِیا وَیسا ہی عی اور اُس کے بادشاہ سے کِیا اور جِبعو ن کے باشِندوں نے بنی اِسرائیل سے صُلح کر لی اور اُن کے درمِیان رہنے لگے ہیں۔

2 تو وہ سب بُہت ہی ڈرے کیونکہ جِبعو ن ایک بڑا شہر بلکہ بادشاہی شہروں میں سے ایک کی مانِند اور عی سے بڑا تھا اور اُس کے سب مَرد بڑے بہادُر تھے۔

3 اِس لِئے یروشلِیم کے بادشاہ ادُونی صدق نے حبرو ن کے بادشاہ ہُوہا م اور یرمو ت کے بادشاہ پِیرام اور لکِیس کے بادشاہ یافیع اور عجلُو ن کے بادشاہ دبِیر کو یُوں کہلا بھیجا کہ۔

4 میرے پاس آؤ اور میری کُمک کرو اور چلو ہم جِبعو ن کو ماریں کیونکہ اُس نے یشُوع اور بنی اِسرائیل سے صُلح کر لی ہے۔

5 اِس لِئے امورِیوں کے پانچ بادشاہ یعنی یروشلِیم کابادشاہ اور حبرو ن کا بادشاہ اور یرمو ت کا بادشاہ اور لکِیس کا بادشاہ اور عجلُو ن کا بادشاہ اِکٹّھے ہُوئے اور اُنہوں نے اپنی سب فَوجوں کے ساتھ چڑھائی کی اور جِبعو ن کے مُقابِل ڈیرے ڈال کر اُس سے جنگ شرُوع کی۔

6 تب جِبعو ن کے لوگوں نے یشُو ع کو جو جِلجا ل میں خَیمہ زن تھا کہلا بھیجا کہ اپنے خادِموں کی طرف سے اپنا ہاتھ مت کھینچ ۔ جلد ہمارے پاس پُہنچ کر ہم کو بچا اور ہماری مدد کر اِس لِئے کہ سب اموری بادشاہ جو کوہِستانی مُلک میں رہتے ہیں ہمارے خِلاف اِکٹّھے ہُوئے ہیں۔

7 تب یشُو ع سب جنگی مَردوں اور سب زبردست سُورماؤں کو ہمراہ لے کر جِلجا ل سے چل پڑا۔

8 اور خُداوند نے یشُوع سے کہا اُن سے نہ ڈر ۔ اِس لِئے کہ مَیں نے اُن کو تیرے ہاتھ میں کر دِیا ہے ۔ اُن میں سے ایک مَرد بھی تیرے سامنے کھڑا نہ رہ سکے گا۔

9 پس یشُوع راتوں رات جِلجا ل سے چل کر ناگہاں اُن پر آ پڑا۔

10 اور خُداوند نے اُن کو بنی اِسرائیل کے سامنے شِکست دی اور اُس نے اُن کو جِبعو ن میں بڑی خُونریزی کے ساتھ قتل کِیا اور بَیت حَورُو ن کی چڑھائی کے راستہ پر اُن کو رگیدا اور عزیقا ہ اور مقّیدہ تک اُن کو مارتا گیا۔

11 اور جب وہ اِسرائیلِیوں کے سامنے سے بھاگے اور بَیت حَورُو ن کے اُتار پر تھے تو خُداوند نے عزیقا ہ تک آسمان سے اُن پر بڑے بڑے پتّھر برسائے اور وہ مَر گئے اور جو اولوں سے مَرے وہ اُن سے جِن کو بنی اِسرائیل نے تہِ تَیغ کِیا کہِیں زِیادہ تھے۔

12 اور اُس دِن جب خُداوند نے امورِیوں کو بنی اِسرائیل کے قابُو میں کر دِیا یشُوع نے خُداوند کے حضُور بنی اِسرائیل کے سامنے یہ کہا۔

اَے سُورج! تُو جِبعو ن پر

اور اَے چاند! تو وادیِ ایالو ن میں ٹھہرا رہ

13 اور سُورج ٹھہر گیا اور چاند تھمارہا جب تک قَوم نے اپنے دُشمنوں سے اپنا اِنتِقام نہ لے لِیا۔ کیا یہ آشر کی کِتاب میں نہیں لِکھا ہے؟ اور سُورج آسمان کے بِیچوں بِیچ ٹھہرا رہا اور تقرِیباً سارے دِن ڈُوبنے میں جلدی نہ کی۔

14 اور اَیسا دِن نہ کبھی اُس سے پہلے ہُؤا اور نہ اُس کے بعد جِس میں خُداوند نے کِسی آدمی کی بات سُنی ہو کیونکہ خُداوند اِسرائیلیوں کی خاطِر لڑا۔

15 پِھر یشُوع اور اُس کے ساتھ سب اِسرائیلی جِلجا ل کو خَیمہ گاہ میں لَوٹے۔

یشُوع امورِیوں کے پانچ بادشاہوں کو گرِفتار کرتا ہے

16 اور وہ پانچوں بادشاہ بھاگ کر مقّیدہ کے غار میں جا چُھپے۔

17 اور یشُوع کو یہ خبر مِلی کہ وہ پانچوں بادشاہ مقّید ہ کے غار میں چُھپے ہُوئے مِلے ہیں۔

18 یشُوع نے حُکم کِیا کہ بڑے بڑے پتّھر اُس غار کے مُنہ پر لُڑھکا دو اور آدمِیوں کو اُس کے پاس اُن کی نِگہبانی کے لِئے بِٹھا دو۔

19 پر تُم نہ رُکو ۔ تُم اپنے دُشمنوں کا پِیچھا کرو اور اُن میں کے جو جو پِچھڑ گئے ہیں اُن کو مار ڈالو ۔ اُن کو مُہلت نہ دو کہ وہ اپنے اپنے شہر میں داخِل ہوں ۔ اِس لِئے کہ خُداوند تُمہارے خُدا نے اُن کو تُمہارے قبضہ میں کر دِیا ہے۔

20 اور جب یشُوع اور بنی اِسرائیل بڑی خُونریزی کے ساتھ اُن کو قتل کر چُکے یہاں تک کہ وہ نیست و نابُود ہو گئے اور وہ جو اُن میں سے باقی بچے فصِیل دار شہروں میں داخِل ہو گئے۔

21 تو سب لوگ مقّیدہ میں یشُوع کے پاس لشکرگاہ کو سلامت لَوٹے

اور کِسی نے بنی اِسرائیل میں سے کِسی کے برخِلاف زُبان نہ ہِلائی۔

22 پِھر یشُوع نے حُکم دِیا کہ غار کا مُنہ کھولو اور اُن پانچوں بادشاہوں کو غار سے باہر نِکال کر میرے پاس لاؤ۔

23 اُنہوں نے اَیسا ہی کِیا اور وہ اُن پانچوں بادشاہوں کو یعنی شاہِ یرو شلِیم اور شاہِ حبرو ن اور شاہِ یرمو ت اور شاہِ لکِیس اور شاہِ عجلُو ن کو غار سے نِکال کر اُس کے پاس لائے۔

24 اور جب وہ اُن کو یشُو ع کے سامنے لائے تو یشُوع نے سب اِسرائیلِیوں کو بُلوایا اور اُن جنگی مَردوں کے سرداروں سے جو اُس کے ساتھ گئے تھے یہ کہا کہ نزدِیک آ کر اپنے اپنے پاؤں اِن بادشاہوں کی گردنوں پر رکھّو ۔ اُنہوں نے نزدِیک آ کر اُن کی گردنوں پر اپنے اپنے پاؤں رکھّے۔

25 اور یشُوع نے اُن سے کہا خَوف نہ کرو اور ہِراساں مت ہو ۔ مضبُوط ہو جاؤ اور حَوصلہ رکھّو اِس لِئے کہ خُداوند تُمہارے سب دُشمنوں سے جِن کا مُقابلہ تُم کرو گے اَیسا ہی کرے گا۔

26 اِس کے بعد یشُوع نے اُن کو مارا اور قتل کِیا اور پانچ درختوں پر اُن کو ٹانگ دِیا ۔ سو وہ شام تک درختوں پر ٹنگے رہے۔

27 اور سُورج ڈُوبتے وقت اُنہوں نے یشُوع کے حُکم سے اُن کو درختوں پر سے اُتار کر اُسی غار میں جِس میں وہ جا چُھپے تھے ڈال دِیا اور غار کے مُنہ پر بڑے بڑے پتّھر دھر دِئے جو آج تک ہیں۔

یشُوع امورِیوں کےمزِید عِلاقے پر قبضہ کرتا ہے

28 اور اُسی دِن یشُوع نے مقّیدہ کو سر کر کے اُسے تہِ تَیغ کِیا اور اُس کے بادشاہ کو اور اُس کے سب لوگوں کو بِالکُل ہلاک کر ڈالا اور ایک کو بھی باقی نہ چھوڑا اور مقّیدہ کے بادشاہ سے اُس نے وُہی کِیا جو یرِیحُو کے بادشاہ سے کِیا تھا۔

29 پِھر یشُوع اور اُس کے ساتھ سب اِسرائیلی مقّید ہ سے لِبناہ کو گئے اور وہ لِبناہ سے لڑا۔

30 اور خُداوند نے اُس کو بھی اور اُس کے بادشاہ کو بھی بنی اِسرائیل کے ہاتھ میں کر دِیا اور اُس نے اُسے اور اُس کے سب لوگوں کو تہِ تَیغ کِیا اور ایک کو بھی باقی نہ چھوڑا اور وہاں کے بادشاہ سے وَیسا ہی کِیا جو یرِیحُو کے بادشاہ سے کِیا تھا۔

31 پِھر لِبناہ سے یشُوع اور اُس کے ساتھ سب اِسرائیلی لکِیس کو گئے اور اُس کے مُقابِل ڈیرے ڈال لِئے اور وہ اُس سے لڑا۔

32 اور خُداوند نے لکِیس کو اِسرا ئیل کے قبضہ میں کر دِیا۔ اُس نے دُوسرے دِن اُس پر فتح پائی اور اُسے تہِ تَیغ کِیا اور سب لوگوں کو جو اُس میں تھے قتل کِیا جِس طرح اُس نے لِبناہ سے کِیا تھا۔

33 اُس وقت جزر کا بادشاہ ہُور م لکِیس کی کُمک کو چڑھ آیا ۔ سو یشُوع نے اُس کو اور اُس کے آدمِیوں کو مارا یہاں تک کہ اُس کا ایک بھی جِیتا نہ چھوڑا۔

34 اور یشُوع اور اُس کے ساتھ سب اِسرائیلی لکِیس سے عجلُو ن کو گئے اور اُس کے مُقابِل ڈیرے ڈال کر اُس سے جنگ شرُوع کی۔

35 اور اُسی دِن اُسے سر کر لِیا اور اُسے تہِ تَیغ کِیا اور اُن سب لوگوں کو جو اُس میں تھے اُس نے اُسی دِن بِالکُل ہلاک کر ڈالا جَیسا اُس نے لکِیس سے کِیا تھا۔

36 پِھر عجلُو ن سے یشُوع اور اُس کے ساتھ سب اِسرائیلی حبرو ن کو گئے اور اُس سے لڑے۔

37 اور اُنہوں نے اُسے سر کرکے اُسے اور اُس کے بادشاہ اور اُس کی سب بستِیوں اور وہاں کے سب لوگوں کو تہِ تَیغ کِیا اور جَیسا اُس نے عجلُو ن سے کِیا تھا ایک کو بھی جِیتا نہ چھوڑا بلکہ اُسے اور وہاں کے سب لوگوں کو بِالکُل ہلاک کر ڈالا۔

38 پِھر یشُوع اور اُس کے ساتھ سب اِسرائیلی دبِیر کو لَوٹے اور اُس سے لڑے۔

39 اور اُس نے اُسے اور اُس کے بادشاہ اور اُس کی سب بستِیوں کو فتح کر لِیا اور اُنہوں نے اُن کو تہِ تَیغ کِیا اور سب لوگوں کو جو اُس میں تھے بِالکُل ہلاک کر دِیا ۔ اُس نے ایک کو بھی باقی نہ چھوڑا جَیسا اُس نے حبرو ن اور اُس کے بادشاہ سے کِیا تھا وَیسا ہی دبِیر اور اُس کے بادشاہ سے کِیا ۔ اَیسا ہی اُس نے لِبناہ اور اُس کے بادشاہ سے بھی کِیا تھا۔

40 سو یشُوع نے سارے مُلک کو یعنی کوہستانی مُلک اور جنُوبی قطعہ اور نشیب کی زمِین اور ڈھلانوں اور وہاں کے سب بادشاہوں کو مارا ۔ اُس نے ایک کو بھی جِیتا نہ چھوڑا بلکہ وہاں کے ہر مُتنِفّس کو جَیسا خُداوند اِسرا ئیل کے خُدا نے حُکم کِیا تھا بِالکُل ہلاک کر ڈالا۔

41 اور یشُوع نے اُن کو قادِس برنِیع سے لے کر غزّہ تک اور جشن کے سارے مُلک کے لوگوں کو جِبعو ن تک مارا۔

42 اور یشُوع نے اُن سب بادشاہوں پر اور اُن کے مُلک پر ایک ہی وقت میں تسلُّط حاصِل کِیا اِس لِئے کہ خُداوند اِسرا ئیل کا خُدا اِسرا ئیل کی خاطِر لڑا۔

43 پِھر یشُوع اور سب اِسرائیلی اُس کے ساتھ جِلجا ل کو خَیمہ گاہ میں لَوٹے۔

یشُوع 11

یشُوع یابِین اور اُس کے اِتحادیوں کوشِکست دیتا ہے

1 جب حصُور کے بادشاہ یابِین نے یہ سُنا تو اُس نے مدون کے بادشاہ یُوباب اورسِمرو ن کے بادشاہ اور اکشا ف کے بادشاہ کو۔

2 اور اُن بادشاہوں کو جو شِمال کی طرف کوہِستانی مُلک اور کِنّرت کے جنُوب کے مَیدان اور نشیب کی زمِین اورمغرِب کی طرف دور کی مُرتفع زمِین میں رہتے تھے۔

3 اور مشرِق اور مغرِب کے کنعانِیوں اور امورِیوں اورحتِّیوں اور فرِزّیوں اور کوہِستانی مُلک کے یبُوسیوں اور حوِیّوں کو جو حرمُو ن کے نِیچے مِصفاہ کے مُلک میں رہتے تھے بُلوا بھیجا۔

4 تب وہ اور اُن کے ساتھ اُن کے لشکر یعنی ایک انبوہِ کثِیرجو تعداد میں سمُندر کے کنارے کی ریت کی مانِند تھا بُہت سے گھوڑوں اور رتھوں کو ساتھ لے کر نِکلے۔

5 اور یہ سب بادشاہ مِل کر آئے اور اُنہوں نے میرُو م کی جِھیل پر اِکٹھّے ڈیرے ڈالے تاکہ اِسرائیلِیوں سے لڑیں۔

6 تب خُداوند نے یشُوع سے کہا کہ اُن سے نہ ڈر کیونکہ کل اِس وقت مَیں اُن سب کو اِسرائیلیوں کے سامنے مار کرڈال دُوں گا ۔ تُو اُن کے گھوڑوں کی کُونچیں کاٹ ڈالنااور اُن کے رتھ آگ سے جلا دینا۔

7 چُنانچہ یشُوع اور سب جنگی مَرد اُس کے ساتھ میرُو م کی جِھیل پر ناگہان اُن کے مُقابلہ کو آئے اور اُن پر ٹُوٹ پڑے۔

8 اور خُداوند نے اُن کو اِسرائیلیوں کے قبضہ میں کردِیا سو اُنہوں نے اُن کو مارا اور بڑے صَیدا اور مِسر فات المائِم اور مشرِق میں مِصفاہ کی وادی تک اُن کو رگیدا اور قتل کِیا یہاں تک کہ اُن میں سے ایک بھی باقی نہ چھوڑا۔

9 اور یشُوع نے خُداوند کے حُکم کے مُوافِق اُن سے کِیاکہ اُن کے گھوڑوں کی کُونچیں کاٹ ڈالِیں اور اُن کے رتھ آگ سے جلا دِئے۔

10 پِھر یشُوع اُسی وقت لَوٹا اور اُس نے حصُور کو سرکر کے اُس کے بادشاہ کو تلوار سے مارا کیونکہ اگلے وقت میں حصُور اُن سب سلطنتوں کا سردار تھا۔

11 اور اُنہوں نے اُن سب لوگوں کو جو وہاں تھے تہِ تیغ کر کے اُن کو بِالکُل ہلاک کر دِیا ۔ وہاں کوئی مُتنِفّس باقی نہ رہا ۔ پِھر اُس نے حصُور کو آگ سے جلا دِیا۔

12 اور یشُو ع نے اُن بادشاہوں کے سب شہروں کو اور اُن شہروں کے سب بادشاہوں کو لے کر اور اُن کو تہِ تیغ کر کے بِالکُل ہلاک کر دِیا جَیسا خُداوند کے بندہ مُوسیٰ نے حُکم کِیا تھا۔

13 لیکن جو شہر اپنے ٹِیلوں پر بنے ہُوئے تھے اُن میں سے کِسی کو اِسرائیلیوں نے نہیں جلایا سِوا حصُور کے جِسے یشُوع نے پُھونک دِیا تھا۔

14 اور اُن شہروں کے تمام مالِ غنِیمت اور چَوپایوں کوبنی اِسرائیل نے اپنے واسطے لُوٹ میں لے لِیا لیکن ہرایک آدمی کو تلوار کی دھار سے قتل کِیا یہاں تک کہ اُن کونابُود کر دِیا اور ایک مُتنِفّس کو بھی باقی نہ چھوڑا۔

15 جَیسا خُداوند نے اپنے بندہ مُوسیٰ کو حُکم دِیا تھاوَیسا ہی مُوسیٰ نے یشُوع کو حُکم دِیا اور یشُوع نے وَیسا ہی کِیا اور جو جو حُکم خُداوند نے مُوسیٰ کو دِیا تھا اُن میں سے کِسی کو اُس نے بغَیر پُورا کِئے نہ چھوڑا۔

وہ عِلاقے جِن پر یشُوع نے قبضہ کِیا

16 سو یشُوع نے اُس سارے مُلک کو یعنی کوہِستانی مُلک اور سارے جنُوبی قطعہ اور جشن کے سارے مُلک اور نشیب کی زمِین اور مَیدان اور اِسرائیلیوں کے کوہِستانی مُلک اور اُسی کے نشیب کی زمِین۔

17 کوہِ خلق سے لے کر جو سِعِیر کی طرف جاتا ہے بعل جدتک جو وادیِ لُبنا ن میں کوہِ حرمو ن کے نِیچے ہے سب کو لے لِیا اور اُن کے سب بادشاہوں پر فتح حاصِل کر کے اُس نے اُن کو مارا اور قتل کِیا۔

18 اور یشُوع مُدّت تک اُن سب بادشاہوں سے لڑتا رہا۔

19 سِوا حویّوں کے جو جِبعون کے باشِندے تھے اَور کِسی شہر نے بنی اِسرائیل سے صُلح نہیں کی بلکہ سب کو اُنہوں نے لڑ کر فتح کِیا۔

20 کیونکہ یہ خُداوند ہی کی طرف سے تھا کہ وہ اُن کے دِلوں کو اَیسا سخت کر دے کہ وہ جنگ میں اِسرا ئیل کا مُقابلہ کریں تاکہ وہ اُن کو بِالکُل ہلاک کر ڈالے اور اُن پرکُچھ مِہربانی نہ ہو بلکہ وہ اُن کو نیست ونابُود کردے جَیسا خُداوند نے مُوسیٰ کو حُکم دِیا تھا۔

21 پِھر اُس وقت یشُوع نے آکر عناقِیم کو کوہِستانی مُلک یعنی حبرُو ن اور دبِیر اور عناب سے بلکہ یہُوداہ کے سارے کوہِستانی مُلک اور اِسرا ئیل کے سارے کوہِستانی مُلک سے کاٹ ڈالا ۔یشُوع نے اُن کو اُن کے شہروں سمیت بِالکُل ہلاک کر دِیا۔

22 سو عناقِیم میں سے کوئی بنی اِسرائیل کے مُلک میں باقی نہ رہا ۔ فقط غزّہ اور جات اور اشدُود میں تھوڑے سے باقی رہے۔

23 پس جَیسا خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا تھا اُس کے مُطابِق یشُوع نے سارے مُلک کو لے لِیا اور یشُوع نے اُسے اِسرائیلیوں کو اُن کے قبِیلوں کی تقسِیم کے مُوافِق مِیراث کے طَورپر دے دِیا اور مُلک کو جنگ سے فراغت مِلی۔

یشُوع 12

بادشاہ جِن کو مُوسیٰ نے شِکست دی تھی

1 اُس مُلک کے وہ بادشاہ جِن کو بنی اِسرائیل نے قتل کر کے اُن کے مُلک پر یَردن کے اُس پار مشرِق کی طرف ارنو ن کی وادی سے لے کر کوہِ حرمُو ن تک اور تمام مشرِقی مَیدان پر قبضہ کر لِیا یہ ہیں۔

2 اموریوں کا بادشاہ سِیحو ن جو حسبو ن میں رہتا تھا اور عرو عیر سے لے کر جو وادیِ ارنو ن کے کنارے ہے اور اُس وادی کے بِیچ کے شہر سے وادیِ یبّوق تک جو بنی عَمُّون کی سرحد ہے آدھے جِلعاد پر۔

3 اور مَیدان سے بحرِ کِنّر ت تک جو مشرِق کی طرف ہے بلکہ مشرِق ہی کی طرف بَیت یسیموت سے ہو کر مَیدان کے دریا تک جو دریایِ شورہے اور جنُوب میں پِسگہ کے دامن کے نِیچے نِیچے حُکومت کرتا تھا۔

4 اور بسن کے بادشاہ عوج کی سرحد جو رفائِیم کی بقِیّہ نسل سے تھا اور عستارا ت اور ادرعی میں رہتا تھا۔

5 اور وہ کوہِ حرمو ن اور سلکہ اور سارے بسن میں جسُوریوں اور معکاتیوں کی سرحد تک اور آدھے جِلعاد میں جو حسبو ن کے بادشاہ سِیحو ن کی سرحد تھی حُکومت کرتا تھا۔

6 اُن کو خُداوند کے بندہ مُوسیٰ اور بنی اِسرائیل نے مارا اور خُداوند کے بندہ مُوسیٰ نے بنی رُوبِن اور بنی جد اور منسّی کے آدھے قبِیلہ کو اُن کا مُلک مِیراث کے طَور پر دے دِیا۔

بادشاہ جِن کو یشُوع نے شِکست دی

7 اور یَردن کے اِس پار مغرِب کی طرف بعل جد سے جو وادیِ لُبنان میں ہے کوہِ خلق تک جو سِعِیر کو نِکل گیا ہے جِن بادشاہوں کو یشُوع اور بنی اِسرائیل نے مارا اور جِن کے مُلک کو یشُوع نے اِسرائیلیوں کے قبِیلوں کو اُن کی تقسِیم کے مُطابِق مِیراث کے طَور پر دے دِیا وہ یہ ہیں۔

8 کوہِستانی مُلک اور نشیب کی زمِین اور مَیدان اور ڈھلانوں میں اور بیابان اور جنُوبی قطعہ میں حِتّی اور اموری اور کنعانی اور فرزّی اور حوّی اور یبوسی قَوموں میں سے۔

9 ایک یرِیحُو کا بادشاہ ایک عی کا بادشاہ جو بَیت ایل کے نزدِیک واقِع ہے۔

10 ایک یروشلِیم کا بادشاہ ۔ ایک حبرُو ن کا بادشاہ۔

11 ایک یرمو ت کا بادشاہ ایک لکِیس کا بادشاہ۔

12 ایک عجلُو ن کا بادشاہ ۔ ایک جزر کا بادشاہ۔

13 ایک دبِیر کا بادشاہ ۔ ایک جدر کا بادشاہ۔

14 ایک حُرمہ کا بادشاہ ۔ ایک عراد کا بادشاہ۔

15 ایک لِبناہ کا بادشاہ۔ ایک عدُلاّم کا بادشاہ۔

16 ایک مقّیدہ کا بادشاہ ۔ ایک بَیت ایل کا بادشاہ۔

17 ایک تفُوح کا بادشاہ ۔ ایک حفر کا بادشاہ۔

18 ایک افِیق کا بادشاہ ۔ ایک لشرو ن کا بادشاہ۔

19 ایک مدو ن کا بادشاہ ۔ ایک حصُور کا بادشاہ۔

20 ایک سِمرون مرون کا بادشاہ ۔ ایک اِکشا ف کا بادشاہ۔

21 ایک تعنک کا بادشاہ ۔ ایک مجِدّو کا بادشاہ۔

22 ایک قادِ س کا بادشاہ ۔ ایک کرمِل کے یقنِعام کا بادشاہ۔

23 ایک دور کی مُرتفع زمِین کے دور کا بادشاہ ۔ ایک گوئِیم کا بادشاہ جو جِلجا ل میں تھا۔

24 ایک تِرضہ کا بادشاہ ۔یہ سب اِکتِیس بادشاہ تھے۔