۱-تِیمُتھِیُس 6

1 جِتنے نَوکر جُوئے کے نِیچے ہیں اپنے مالِکوں کو کمال عِزّت کے لائِق جانیں تاکہ خُدا کا نام اور تعلِیم بدنام نہ ہو۔

2 اور جِن کے مالِک اِیمان دار ہیں وہ اُن کو بھائی ہونے کی وجہ سے حقِیر نہ جانیں بلکہ اِس لِئے زیادہ تر اُن کی خِدمت کریں کہ فائِدہ اُٹھانے والے اِیمان دار اور عزِیز ہیں ۔

جُھوٹی تعلِیم اور حقیِقی دَولت

تُو اِن باتوں کی تعلِیم دے اور نصِیحت کر۔

3 اگر کوئی شخص اَور طرح کی تعلِیم دیتا ہے اور صحِیح باتوں کو یعنی ہمارے خُداوند یِسُوع مسِیح کی باتوں اور اُس تعلِیم کو نہیں مانتا جو دِین داری کے مُطابِق ہے۔

4 وہ مغرُور ہے اور کُچھ نہیں جانتا بلکہ اُسے بحث اور لفظی تکرار کرنے کا مرض ہے ۔ جِن سے حَسد اور جھگڑے اور بَدگوئِیاں اور بدگُمانِیاں۔

5 اور اُن آدمِیوں میں ردّ و بدل پَیدا ہوتا ہے جِن کی عقل بِگڑ گئی ہے اور وہ حق سے محرُوم ہیں اور دِین داری کو نفع ہی کا ذرِیعہ سمجھتے ہیں۔

6 ہاں دِین داری قناعِت کے ساتھ بڑے نفع کا ذرِیعہ ہے۔

7 کیونکہ نہ ہم دُنیا میں کُچھ لائے اور نہ کُچھ اُس میں سے لے جا سکتے ہیں۔

8 پس اگر ہمارے پاس کھانے پہننے کو ہے تو اُسی پر قناعِت کریں۔

9 لیکن جو دَولت مَند ہونا چاہتے ہیں وہ اَیسی آزمایش اور پَھندے اور بُہت سی بے ہُودہ اور نُقصان پُہنچانے والی خواہِشوں میں پھنستے ہیں جو آدمِیوں کو تباہی اور ہلاکت کے دریا میں غَرق کر دیتی ہیں۔

10 کیونکہ زَر کی دوستی ہر قِسم کی بُرائی کی جڑ ہے جِس کی آرزُو میں بعض نے اِیمان سے گُمراہ ہو کر اپنے دِلوں کو طرح طرح کے غَموں سے چَھلنی کر لِیا۔

شخصی نصِیحتیں

11 مگر اَے مردِ خُدا! تُو اِن باتوں سے بھاگ اور راست بازی ۔ دِین داری ۔ اِیمان ۔ مُحبّت ۔ صبر اور حِلم کا طالِب ہو۔

12 اِیمان کی اَچھّی کُشتی لڑ ۔ اُس ہمیشہ کی زِندگی پر قبضہ کر لے جِس کے لِئے تُو بُلایا گیا تھا اور بُہت سے گواہوں کے سامنے اچھّا اِقرار کِیا تھا۔

13 مَیں اُس خُدا کو جو سب چِیزوں کو زِندہ کرتا ہے اور مسِیح یِسُوع کو جِس نے پُنطیُس پِیلاطُس کے سامنے اچھّا اِقرار کِیا تھا گواہ کر کے تُجھے تاکِید کرتا ہُوں۔

14 کہ ہمارے خُداوند یِسُوع مسِیح کے اُس ظہُور تک حُکم کو بے داغ اور بے اِلزام رکھ۔

15 جِسے وہ مُناسِب وقت پر نُمایاں کرے گا جو مُبارک اور واحِد حاکِم ۔ بادشاہوں کا بادشاہ اور خُداوندوں کا خُداوند ہے۔

16 بقا صِرف اُسی کو ہے اور وہ اُس نُور میں رہتا ہے جِس تک کِسی کی رسائی نہیں ہو سکتی نہ اُسے کِسی اِنسان نے دیکھا اور نہ دیکھ سکتا ہے ۔ اُس کی عِزّت اور سلطنت ابد تک رہے ۔ آ مِین۔

17 اِس مَوجُودہ جہان کے دَولت مَندوں کو حُکم دے کہ مغرُورنہ ہوں اور ناپائیدار دَولت پر نہیں بلکہ خُدا پر اُمّید رکھّیں جو ہمیں لُطف اُٹھانے کے لِئے سب چِیزیں اِفراط سے دیتا ہے۔

18 اور نیکی کریں اور اچھّے کاموں میں دَولت مند بنیں اور سخاوت پر تیّار اور اِمداد پر مُستعِد ہوں۔

19 اور آیندہ کے لِئے اپنے واسطے ایک اچھّی بُنیاد قائِم کر رکھّیں تاکہ حقِیقی زِندگی پر قبضہ کریں۔

20 اَے تِیمُتِھیُس اِس امانت کو حِفاظت سے رکھ اور جِس عِلم کو عِلم کہنا ہی غلط ہے اُس کی بے ہُودہ بکواس اور مُخالِفت پر توجُّہ نہ کر۔

21 بعض اُس کا اِقرار کر کے اِیمان سے بَرگشتہ ہو گئے ہیں ۔

تُم پر فضل ہوتا رہے۔

۲-تھِسّلُنیکیوں 1

تمہید

1 پَولُس اور سِلوا نُس اور تِیمُتِھیُس کی طرف سے

تِھسّلُنیکیوں کی کلِیسیا کے نام جو ہمارے باپ خُدا اور خُداوند یِسُو ع مسِیح میں ہے۔

2 فضل اور اِطمِینان خُدا باپ اور خُداوند یِسُوع مسِیح کی طرف سے تُمہیں حاصِل ہوتا رہے۔

مسِیح کی آمدِ ثانی پر عدالت

3 اَے بھائِیو ! تُمہارے بارے میں ہر وقت خُدا کا شُکر کرنا ہم پر فرض ہے اور یہ اِس لِئے مُناسِب ہے کہ تُمہارا اِیمان بُہت بڑھتا جاتا ہے اور تُم سب کی مُحبّت آپس میں زِیادہ ہوتی جاتی ہے۔

4 یہاں تک کہ ہم آپ خُدا کی کلِیسیاؤں میں تُم پر فخر کرتے ہیں کہ جِتنے ظُلم اور مُصِیبتیں تُم اُٹھاتے ہو اُن سب میں تُمہارا صبر اور اِیمان ظاہِر ہوتا ہے۔

5 یہ خُدا کی سچّی عدالت کا صاف نِشان ہے تاکہ تُم خُدا کی بادشاہی کے لائِق ٹھہرو جِس کے لِئے تُم دُکھ بھی اُٹھاتے ہو۔

6 کیونکہ خُدا کے نزدِیک یہ اِنصاف ہے کہ بدلہ میں تُم پر مُصِیبت لانے والوں کو مُصِیبت۔

7 اور تُم مُصِیبت اُٹھانے والوں کو ہمارے ساتھ آرام دے جب خُداوند یِسُو ع اپنے قَوی فرِشتوں کے ساتھ بھڑکتی ہُوئی آگ میں آسمان سے ظاہِر ہو گا۔

8 اور جو خُدا کو نہیں پہچانتے اور ہمارے خُداوند یِسُو ع کی خُوشخبری کو نہیں مانتے اُن سے بدلہ لے گا۔

9 وہ خُداوند کے چِہرہ اور اُس کی قُدرت کے جلال سے دُور ہو کر ابدی ہلاکت کی سزا پائیں گے۔

10 یہ اُس دِن ہو گا جب کہ وہ اپنے مُقدّسوں میں جلال پانے اور سب اِیمان لانے والوں کے سبب سے تعجُّب کا باعِث ہونے کے لِئے آئے گاکیونکہ تُم ہماری گواہی پر اِیمان لائے۔

11 اِسی واسطے ہم تُمہارے لِئے ہر وقت دُعا بھی کرتے رہتے ہیں کہ ہمارا خُدا تُمہیں اِس بُلاوے کے لائِق جانے اور نیکی کی ہر ایک خواہِش اور اِیمان کے ہر ایک کام کو قُدرت سے پُورا کرے۔

12 تاکہ ہمارے خُدا اور خُداوند یِسُو ع مسِیح کے فضل کے مَوافِق ہمارے خُداوند یِسُو ع کا نام تُم میں جلال پائے اور تُم اُس میں۔

۲-تھِسّلُنیکیوں 2

گُناہ کا شخص

1 اَے بھائِیو ! ہم اپنے خُداوند یِسُو ع مسِیح کے آنے اور اُس کے پاس اپنے جمع ہونے کی بابت تُم سے درخواست کرتے ہیں۔

2 کہ کِسی رُوح یا کلام یا خَط سے جو گویا ہماری طرف سے ہو یہ سمجھ کر کہ خُداوند کا دِن آ پُہنچا ہے تُمہاری عقل دفعتہً پریشان نہ ہو جائے اور نہ تُم گھبراؤ۔

3 کِسی طرح سے کِسی کے فریب میں نہ آنا کیونکہ وہ دِن نہیں آئے گا جب تک کہ پہلے برگشتگی نہ ہو اور وہ گُناہ کا شخص یعنی ہلاکت کا فرزند ظاہِر نہ ہو۔

4 جو مُخالفت کرتا ہے اور ہر ایک سے جو خُدا یا معبُود کہلاتا ہے اپنے آپ کو بڑا ٹھہراتا ہے ۔ یہاں تک کہ وہ خُدا کے مَقدِس میں بَیٹھ کر اپنے آپ کو خُدا ظاہِر کرتا ہے۔

5 کیا تُمہیں یاد نہیں کہ جب مَیں تُمہارے پاس تھا تو تُم سے یہ باتیں کہا کرتا تھا؟۔

6 اب جو چِیز اُسے روک رہی ہے تاکہ وہ اپنے خاص وقت پر ظاہِر ہو اُس کو تُم جانتے ہو۔

7 کیونکہ بے دِینی کا بھید تو اب بھی تاثِیر کرتا جاتا ہے مگر اب ایک روکنے والا ہے اور جب تک کہ وہ دُور نہ کِیا جائے روکے رہے گا۔

8 اُس وقت وہ بے دِین ظاہِر ہو گا جِسے خُداوند یِسُوع اپنے مُنہ کی پُھونک سے ہلاک اور اپنی آمد کی تجّلی سے نیست کرے گا۔

9 اور جِس کی آمد شَیطان کی تاثِیر کے مُوافِق ہر طرح کی جُھوٹی قُدرت اور نِشانوں اور عجِیب کاموں کے ساتھ۔

10 اور ہلاک ہونے والوں کے لِئے ناراستی کے ہر طرح کے دھوکے کے ساتھ ہو گی اِس واسطے کہ اُنہوں نے حق کی مُحبّت کو اِختیار نہ کِیا جِس سے اُن کی نجات ہوتی۔

11 اِسی سبب سے خُدا اُن کے پاس گُمراہ کرنے والی تاثِیر بھیجے گا تاکہ وہ جُھوٹ کو سچ جانیں۔

12 اور جِتنے لوگ حق کا یقِین نہیں کرتے بلکہ ناراستی کو پسند کرتے ہیں وہ سب سزا پائیں۔

تُم نجات کے واسطے چُنے گئے ہو

13 لیکن تُمہارے بارے میں اَے بھائِیو ! خُداوند کے پیارو ہر وقت خُدا کا شُکر کرنا ہم پر فرض ہے کیونکہ خُدا نے تُمہیں اِبتدا ہی سے اِس لِئے چُن لِیا تھا کہ رُوح کے ذرِیعہ سے پاکِیزہ بن کر اور حق پر اِیمان لا کر نجات پاؤ۔

14 جِس کے لِئے اُس نے تُمہیں ہماری خُوشخبری کے وسِیلہ سے بُلایا تاکہ تُم ہمارے خُداوند یِسُوع مسِیح کا جلال حاصِل کرو۔

15 پس اَے بھائِیو! ثابِت قدم رہو اور جِن روایتوں کی تُم نے ہماری زُبانی یا خَط کے ذرِیعہ سے تعلِیم پائی ہے اُن پر قائِم رہو۔

16 اب ہمارا خُداوند یِسُوع مسِیح خُود اور ہمارا باپ خُدا جِس نے ہم سے مُحبّت رکھّی اور فضل سے اَبدی تسلّی اور اچھّی اُمّید بخشی۔

17 تُمہارے دِلوں کو تسلّی دے اور ہر ایک نیک کام اور کلام میں مضبُوط کرے۔

۲-تھِسّلُنیکیوں 3

ہمارے لِئے بھی دُعا کِیاکرو

1 غرض اَے بھائِیو ! ہمارے حق میں دُعا کرو کہ خُداوند کا کلام اَیسا جلد پَھیل جائے اور جلال پائے جَیسا تُم میں۔

2 اور کجرَو اور بُرے آدمِیوں سے ہم بچے رہیں کیونکہ سب میں اِیمان نہیں۔

3 مگر خُداوند سچّا ہے ۔ وہ تُم کو مضبُوط کرے گا اور اُس شرِیر سے محفُوظ رکھّے گا۔

4 اور خُداوند میں ہمیں تُم پر بھروسا ہے کہ جو حُکم ہم تُمہیں دیتے ہیں اُس پر عمل کرتے ہو اور کرتے بھی رہو گے۔

5 خُداوند تُمہارے دِلوں کو خُدا کی مُحبّت اور مسِیح کے صبر کی طرف ہدایت کرے۔

کام کرنا فرض ہے

6 اَے بھائِیو ! ہم اپنے خُداوند یِسُوع مسِیح کے نام سے تُمہیں حُکم دیتے ہیں کہ ہر ایک اَیسے بھائی سے کنارہ کرو جو بے قاعِدہ چَلتا ہے اور اُس روایت پر عمل نہیں کرتا جو اُس کو ہماری طرف سے پُہنچی۔

7 کیونکہ تُم آپ جانتے ہو کہ ہماری مانِند کِس طرح بننا چاہئے اِس لِئے کہ ہم تُم میں بے قاعِدہ نہ چلتے تھے۔

8 اور کِسی کی روٹی مُفت نہ کھاتے تھے بلکہ مِحنت مُشقّت سے رات دِن کام کرتے تھے تاکہ تُم میں سے کِسی پر بوجھ نہ ڈالیں۔

9 اِس لِئے نہیں کہ ہم کو اِختیار نہ تھا بلکہ اِس لِئے کہ اپنے آپ کو تُمہارے واسطے نمُونہ ٹھہرائیں تاکہ تُم ہماری مانِند بنو۔

10 اور جب ہم تُمہارے پاس تھے اُس وقت بھی تُم کو یہ حُکم دیتے تھے کہ جِسے مِحنت کرنا منظُور نہ ہو وہ کھانے بھی نہ پائے۔

11 ہم سُنتے ہیں کہ تُم میں بعض بے قاعِدہ چلتے ہیں اور کُچھ کام نہیں کرتے بلکہ اَوروں کے کام میں دَخل دیتے ہیں۔

12 اَیسے شخصوں کو ہم خُداوند یِسُوع مسِیح میں حُکم دیتے اور نصِیحت کرتے ہیں کہ چُپ چاپ کام کر کے اپنی ہی روٹی کھائیں۔

13 اور تُم اَے بھائِیو ! نیک کام کرنے میں ہِمّت نہ ہارو۔

14 اور اگر کوئی ہمارے اِس خَط کی بات کو نہ مانے تو اُسے نِگاہ میں رکھّو اور اُس سے صُحبت نہ رکھّو تاکہ وہ شرمِندہ ہو۔

15 لیکن اُسے دُشمن نہ جانو بلکہ بھائی سمجھ کر نصِیحت کرو۔

اِختتامیہ باتیں

16 اَب خُداوند جو اِطمِینان کا چشمہ ہے آپ ہی تُم کو ہمیشہ اور ہر طرح سے اِطمِینان بخشے ۔ خُداوند تُم سب کے ساتھ رہے۔

17 مَیں پَولُس اپنے ہاتھ سے سلام لِکھتا ہُوں ہر خَط میں میرا یِہی نِشان ہے ۔ مَیں اِسی طرح لِکھتا ہُوں۔

18 ہمارے خُداوند یِسُوع مسِیح کا فضل تُم سب پر ہوتا رہے۔

۱-تھِسّلُنیکیوں 1

تمہید

1 پَولُس اور سِلوانُس اور تِیمُتِھیُس کی طرف سے

تھِسّلُنِیکِیوں کی کلِیسیا کے نام جو خُدا باپ اور خُداوند یِسُوع مسِیح میں ہے

فضل اور اِطمِینان تُمہیں حاصِل ہوتا رہے۔

تھِسّلُنِیکِیوں کی زِندگی اور اِیمان

2 تُم سب کے بارے میں ہم خُدا کا شُکر ہمیشہ بجا لاتے ہیں اور اپنی دُعاؤں میں تُمہیں یاد کرتے ہیں۔

3 اور اپنے خُدا اور باپ کے حضُور تُمہارے اِیمان کے کام اور مُحبّت کی مِحنت اور اُس اُمّید کے صبر کو بِلاناغہ یاد کرتے ہیں جو ہمارے خُداوند یِسُوع مسِیح کی بابت ہے۔

4 اور اَے بھائِیو ! خُدا کے پِیارو! ہم کو معلُوم ہے کہ تُم برگُزِیدہ ہو۔

5 اِس لِئے کہ ہماری خُوشخبری تُمہارے پاس نہ فَقط لفظی طَور پر پُہنچی بلکہ قُدرت اور رُوحُ القُدس اور پُورے اِعتقاد کے ساتھ بھی چُنانچہ تُم جانتے ہو کہ ہم تُمہاری خاطِر تُم میں کَیسے بن گئے تھے۔

6 اور تُم کلام کو بڑی مُصِیبت میں رُوحُ القُدس کی خُوشی کے ساتھ قبُول کر کے ہماری اور خُداوند کی مانِند بنے۔

7 یہاں تک کہ مَکِدُنیہ اور اَخیہ کے سب اِیمان داروں کے لِئے نمُونہ بنے۔

8 کیونکہ تُمہارے ہاں سے نہ فَقط مَکِدُنیہ اور اَخیہ میں خُداوند کے کلام کا چرچا پَھیلا ہے بلکہ تُمہارا اِیمان جو خُدا پر ہے ہر جگہ اَیسا مشہُور ہو گیا ہے کہ ہمارے کہنے کی کُچھ حاجت نہیں۔

9 اِس لِئے کہ وہ آپ ہمارا ذِکر کرتے ہیں کہ تُمہارے پاس ہمارا آنا کَیسا ہُؤا اور تُم بُتوں سے پِھرکر خُدا کی طرف رجُوع ہُوئے تاکہ زِندہ اور حقِیقی خُدا کی بندگی کرو۔

10 اور اُس کے بیٹے کے آسمان پر سے آنے کے مُنتظِر رہو جِسے اُس نے مُردوں میں سے جِلایا یعنی یِسُوع کے جو ہم کو آنے والے غضب سے بچاتا ہے۔

۱-تھِسّلُنیکیوں 2

تھِسّلُنِیکے میں پَولُس کا کام

1 اَے بھائِیو ! تُم آپ جانتے ہو کہ ہمارا تُمہارے پاس آنا بے فائِدہ نہ ہُؤا۔

2 بلکہ تُم کو معلُوم ہی ہے کہ باوجُود پیشتر فِلِپّی میں دُکھ اُٹھانے اور بے عِزّت ہونے کے ہم کو اپنے خُدا میں یہ دِلیری حاصِل ہُوئی کہ خُدا کی خُوشخبری بڑی جاں فشانی سے تُمہیں سُنائیں۔

3 کیونکہ ہماری نصِیحت نہ گُمراہی سے ہے نہ ناپاکی سے نہ فرِیب کے ساتھ۔

4 بلکہ جَیسے خُدا نے ہم کو مقبُول کر کے خُوشخبری ہمارے سپُرد کی وَیسے ہی ہم بیان کرتے ہیں ۔ آدمِیوں کو نہیں بلکہ خُدا کو خُوش کرنے کے لِئے جو ہمارے دِلوں کو آزماتا ہے۔

5 کیونکہ تُم کو معلُوم ہی ہے کہ نہ کبھی ہمارے کلام میں خُوشامد پائی گئی نہ وہ لالچ کا پردہ بنا ۔ خُدا اِس کا گواہ ہے۔

6 اور ہم نہ آدمِیوں سے عِزّت چاہتے تھے نہ تُم سے نہ اَوروں سے ۔ اگرچہ مسِیح کے رسُول ہونے کے باعِث تُم پر بوجھ ڈال سکتے تھے۔

7 بلکہ جِس طرح ماں اپنے بچّوں کو پالتی ہے اُسی طرح ہم تُمہارے درمِیان نرمی کے ساتھ رہے۔

8 اور اُسی طرح ہم تُمہارے بُہت مُشتاق ہو کر نہ فقط خُدا کی خُوشخبری بلکہ اپنی جان تک بھی تُمہیں دے دینے کو راضی تھے ۔اِس واسطے کہ تُم ہمارے پیارے ہو گئے تھے۔

9 کیونکہ اَے بھائِیو! تُم کو ہماری مِحنت اور مُشقّت یاد ہو گی کہ ہم نے تُم میں سے کِسی پر بوجھ نہ ڈالنے کی غرض سے رات دِن مِحنت مزدُوری کر کے تُمہیں خُدا کی خُوشخبری کی مُنادی کی۔

10 تُم بھی گواہ ہو اور خُدا بھی کہ تُم سے جو اِیمان لائے ہو ہم کَیسی پاکِیزگی اور راست بازی اور بے عَیبی کے ساتھ پیش آئے۔

11 چُنانچہ تُم جانتے ہو کہ جِس طرح باپ اپنے بچّوں کے ساتھ کرتا ہے اُسی طرح ہم بھی تُم میں سے ہر ایک کو نصِیحت کرتے اور دِلاسا دیتے اور سمجھاتے رہے۔

12 تاکہ تُمہارا چال چلن خُدا کے لائِق ہو جو تُمہیں اپنی بادشاہی اور جلال میں بُلاتا ہے۔

13 اِس واسطے ہم بھی بِلاناغہ خُدا کا شُکر کرتے ہیں کہ جب خُدا کا پَیغام ہماری معرفت تُمہارے پاس پُہنچا تو تُم نے اُسے آدمِیوں کا کلام سمجھ کر نہیں بلکہ (جَیسا حقِیقت میں ہے) خُدا کا کلام جان کر قبُول کِیا اور وہ تُم میں جو اِیمان لائے ہو تاثِیر بھی کر رہا ہے۔

14 اِس لِئے کہ تُم اَے بھائِیو ! خُدا کی اُن کلِیسیاؤں کی مانِند بن گئے جو یہُودیہ میں مسِیح یِسُو ع میں ہیں کیونکہ تُم نے بھی اپنی قَوم والوں سے وُہی تکلِیفیں اُٹھائِیں جو اُنہوں نے یہُودِیوں سے۔

15 جِنہوں نے خُداوند یِسُوع کو اور نبِیوں کو بھی مار ڈالا اور ہم کو ستا ستا کر نِکال دِیا ۔ وہ خُدا کو پسند نہیں آتے اور سب آدمِیوں کے مُخالِف ہیں۔

16 اور وہ ہمیں غَیر قَوموں کو اُن کی نجات کے لِئے کلام سُنانے سے منع کرتے ہیں تاکہ اُن کے گُناہوں کا پَیمانہ ہمیشہ بھرتا رہے لیکن اُن پر اِنتِہا کا غضب آ گیا۔

پَولُس اُن سے دوبارہ مُلاقات کی آرزُو رکھتا ہے

17 اَے بھائِیو ! جب ہم تھوڑے عرصہ کے لِئے ظاہِر میں نہ کہ دِل سے تُم سے جُدا ہو گئے تو ہم نے کمال آرزُو سے تُمہاری صُورت دیکھنے کی اَور بھی زِیادہ کوشِش کی۔

18 اِس واسطے ہم نے(یعنی مُجھ پَولُس نے) ایک دفعہ نہیں بلکہ دو دفعہ تُمہارے پاس آنا چاہا مگر شَیطان نے ہمیں روکے رکھّا۔

19 بھلا ہماری اُمّید اور خُوشی اور فخر کا تاج کیا ہے؟ کیا وہ ہمارے خُداوند یِسُو ع کے سامنے اُس کے آنے کے وقت تُم ہی نہ ہو گے؟۔

20 ہمارا جلال اور خُوشی تُم ہی تو ہو۔

۱-تھِسّلُنیکیوں 3

1 اِس واسطے جب ہم زِیادہ برداشت نہ کر سکے تو اتھینے میں اکیلے رہ جانا منظُور کِیا۔

2 اور ہم نے تِیمُتِھیُس کو جو ہمارا بھائی اور مسِیح کی خُوشخبری میں خُدا کا خادِم ہے اِس لِئے بھیجا کہ وہ تُمہیں مضبُوط کرے اور تُمہارے اِیمان کے بارے میں تُمہیں نصِیحت کرے۔

3 کہ اِن مُصِیبتوں کے سبب سے کوئی نہ گھبرائے کیونکہ تُم آپ جانتے ہو کہ ہم اِن ہی کے لِئے مُقرّر ہُوئے ہیں۔

4 بلکہ پہلے بھی جب ہم تُمہارے پاس تھے تو تُم سے کہا کرتے تھے کہ ہمیں مُصِیبت اُٹھانا ہو گا چُنانچہ اَیسا ہی ہُؤا اور تُمہیں معلُوم بھی ہے۔

5 اِس واسطے جب میں اَور زِیادہ برداشت نہ کر سکا تو تُمہارے اِیمان کا حال دریافت کرنے کو بھیجا ۔ کہِیں اَیسا نہ ہُؤا ہو کہ آزمانے والے نے تُمہیں آزمایا ہو اور ہماری مِحنت بے فائِدہ گئی ہو۔

6 مگر اب جو تِیمُتِھیُس نے تُمہارے پاس سے ہمارے پاس آ کر تُمہارے اِیمان اور مُحبّت کی اور اِس بات کی خُوشخبری دی کہ تُم ہمارا ذِکرِ خَیر ہمیشہ کرتے ہو اور ہمارے دیکھنے کے اَیسے مُشتاق ہو جَیسے کہ ہم تُمہارے۔

7 اِس لِئے اَے بھائِیو! ہم نے اپنی ساری اِحتیاج اور مُصِیبت میں تُمہارے اِیمان کے سبب سے تُمہارے بارے میں تَسلّی پائی۔

8 کیونکہ اب اگر تُم خُداوند میں قائِم ہو تو ہم زِندہ ہیں۔

9 تُمہارے باعِث اپنے خُدا کے سامنے ہمیں جِس قدر خُوشی حاصِل ہے اُس کے بدلہ میں کِس طرح تُمہاری بابت خُدا کا شُکر ادا کریں؟۔

10 ہم رات دِن بُہت ہی دُعا کرتے رہتے ہیں کہ تُمہاری صُورت دیکھیں اور تُمہارے اِیمان کی کمی پُوری کریں۔

11 اب ہمارا خُدا اور باپ خُود اور ہمارا خُداوند یِسُو ع تُمہاری طرف ہماری رہبری کرے۔

12 اور خُداوند اَیسا کرے کہ جِس طرح ہم کو تُم سے مُحبّت ہے اُسی طرح تُمہاری مُحبّت بھی آپس میں اور سب آدمِیوں کے ساتھ زِیادہ ہو اور بڑھے۔

13 تاکہ وہ تُمہارے دِلوں کو اَیسا مضبُوط کر دے کہ جب ہمارا خُداوند یِسُوع اپنے سب مُقدّسوں کے ساتھ آئے تو وہ ہمارے خُدا اور باپ کے سامنے پاکِیزگی میں بے عَیب ٹھہریں۔

۱-تھِسّلُنیکیوں 4

زِندگی جو خُدا کو پسند آتی ہے

1 غرض اَے بھائِیو ! ہم تُم سے درخواست کرتے ہیں اور خُداوند یِسُوع میں تُمہیں نصِیحت کرتے ہیں کہ جِس طرح تُم نے ہم سے مُناسِب چال چلنے اور خُدا کو خُوش کرنے کی تعلِیم پائی اور جِس طرح تُم چلتے بھی ہو اُسی طرح اَور ترقّی کرتے جاؤ۔

2 کیونکہ تُم جانتے ہو کہ ہم نے تُم کو خُداوند یِسُوع کی طرف سے کیا کیا حُکم پُہنچائے۔

3 چُنانچہ خُدا کی مرضی یہ ہے کہ تُم پاک بنو یعنی حرام کاری سے بچے رہو۔

4 اور ہر ایک تُم میں سے پاکِیزگی اور عِزّت کے ساتھ اپنے ظرف کو حاصِل کرنا جانے۔

5 نہ شہوَت کے جوش سے اُن قَوموں کی مانِند جو خُدا کو نہیں جانتِیں۔

6 اور کوئی شخص اپنے بھائی کے ساتھ اِس اَمر میں زِیادتی اور دَغا نہ کرے کیونکہ خُداوند اِن سب کاموں کا بدلہ لینے والا ہے چُنانچہ ہم نے پہلے بھی تُم کو تَنبِیہ کر کے جتا دِیا تھا۔

7 اِس لِئے کہ خُدا نے ہم کو ناپاکی کے لِئے نہیں بلکہ پاکِیزگی کے لِئے بُلایا۔

8 پس جو نہیں مانتا وہ آدمی کو نہیں بلکہ خُدا کو نہیں مانتا جو تُم کو اپنا پاک رُوح دیتا ہے۔

9 مگر برادرانہ مُحبّت کی بابت تُمہیں کُچھ لِکھنے کی حاجت نہیں کیونکہ تُم آپس میں مُحبّت کرنے کی خُدا سے تعلِیم پا چُکے ہو۔

10 اور تمام مَکِدُنیہ کے سب بھائِیوں کے ساتھ اَیسا ہی کرتے ہو لیکن اَے بھائِیو ! ہم تُمہیں نصِیحت کرتے ہیں کہ ترقّی کرتے جاؤ۔

11 اور جِس طرح ہم نے تُم کو حُکم دِیا چُپ چاپ رہنے اور اپنا کاروبار کرنے اور اپنے ہاتھوں سے مِحنت کرنے کی ہِمّت کرو۔

12 تاکہ باہِر والوں کے ساتھ شایستگی سے برتاؤ کرو اور کِسی چِیز کے مُحتاج نہ ہو۔

خُداوند کی آمد ِ ثانی

13 اَے بھائِیو ! ہم نہیں چاہتے کہ جو سوتے ہیں اُن کی بابت تُم ناواقِف رہو تاکہ اَوروں کی مانِند جو نااُمّید ہیں غم نہ کرو۔

14 کیونکہ جب ہمیں یہ یقِین ہے کہ یِسُوع مَر گیا اور جی اُٹھا تو اُسی طرح خُدا اُن کو بھی جو سو گئے ہیں یِسُوع کے وسِیلہ سے اُسی کے ساتھ لے آئے گا۔

15 چُنانچہ ہم تُم سے خُداوند کے کلام کے مُطابِق کہتے ہیں کہ ہم جو زِندہ ہیں اور خُداوند کے آنے تک باقی رہیں گے سوئے ہُوؤں سے ہرگِز آگے نہ بڑھیں گے۔

16 کیونکہ خُداوند خُود آسمان سے للکار اور مُقرّب فرِشتہ کی آواز اور خُدا کے نرسِنگے کے ساتھ اُتر آئے گا اور پہلے تو وہ جو مسِیح میں مُوئے جی اُٹھیں گے۔

17 پِھرہم جو زِندہ باقی ہوں گے اُن کے ساتھ بادلوں پر اُٹھائے جائیں گے تاکہ ہوا میں خُداوند کا اِستِقبال کریں اور اِس طرح ہمیشہ خُداوند کے ساتھ رہیں گے۔

18 پس تُم اِن باتوں سے ایک دُوسرے کو تسلّی دِیا کرو۔

۱-تھِسّلُنیکیوں 5

خُداوند کی آمدِ ثانی کے لِئے تیّا ر رہو

1 مگر اَے بھائِیو ! اِس کی کُچھ حاجت نہیں کہ وقتوں اور مَوقعوں کی بابت تُم کو کُچھ لِکھا جائے۔

2 اِس واسطے کہ تُم آپ خُوب جانتے ہو کہ خُداوند کا دِن اِس طرح آنے والا ہے جِس طرح رات کو چور آتا ہے۔

3 جِس وقت لوگ کہتے ہوں گے کہ سلامتی اور اَمن ہے اُس وقت اُن پر اِس طرح ناگہاں ہلاکت آئے گی جِس طرح حامِلہ کو درد لگتے ہیں اور وہ ہرگِز نہ بچیں گے۔

4 لیکن تُم اَے بھائِیو ! تارِیکی میں نہیں ہو کہ وہ دِن چور کی طرح تُم پر آ پڑے۔

5 کیونکہ تُم سب نُور کے فرزند اور دِن کے فرزند ہو ۔ ہم نہ رات کے ہیں نہ تارِیکی کے۔

6 پس اَوروں کی طرح سو نہ رہیں بلکہ جاگتے اور ہوشیار رہیں۔

7 کیونکہ جو سوتے ہیں رات ہی کو سوتے ہیں اور جو مَتوالے ہوتے ہیں رات ہی کو مَتوالے ہوتے ہیں۔

8 مگر ہم جو دِن کے ہیں اِیمان اور مُحبّت کا بکتر لگا کر اور نجات کی اُمّید کا خود پہن کر ہوشیار رہیں۔

9 کیونکہ خُدا نے ہمیں غضب کے لِئے نہیں بلکہ اِس لِئے مُقرّر کِیا کہ ہم اپنے خُداوند یِسُوع مسِیح کے وسِیلہ سے نجات حاصِل کریں۔

10 وہ ہماری خاطِر اِس لِئے مُؤا کہ ہم جاگتے ہوں یا سوتے ہوں سب مِل کر اُسی کے ساتھ جِئیں۔

11 پس تُم ایک دُوسرے کو تسلّی دو اور ایک دُوسرے کی ترقّی کا باعِث بنو ۔ چُنانچہ تُم اَیسا کرتے بھی ہو۔

اِختتامیہ نصِیحتیں اور سلام

12 اور اَے بھائِیو ! ہم تُم سے درخواست کرتے ہیں کہ جو تُم میں مِحنت کرتے اور خُداوند میں تُمہارے پیشوا ہیں اور تُم کو نصِیحت کرتے ہیں اُنہیں مانو۔

13 اور اُن کے کام کے سبب سے مُحبّت کے ساتھ اُن کی بڑی عِزّت کرو ۔ آپس میں میل مِلاپ رکھّو۔

14 اور اَے بھائِیو! ہم تُمہیں نصِیحت کرتے ہیں کہ بے قاعِدہ چلنے والوں کو سمجھاؤ ۔ کم ہِمّتوں کو دِلاسا دو ۔ کمزوروں کو سنبھالو ۔ سب کے ساتھ تحمُّل سے پیش آؤ۔

15 خبردار! کوئی کِسی سے بدی کے عِوض بدی نہ کرے بلکہ ہر وقت نیکی کرنے کے درپَے رہو ۔ آپس میں بھی اور سب سے۔

16 ہر وقت خُوش رہو۔

17 بِلاناغہ دُعا کرو۔

18 ہر ایک بات میں شُکر گُذاری کرو کیونکہ مسِیح یِسُوع میں تُمہاری بابت خُدا کی یہی مرضی ہے۔

19 رُوح کو نہ بُجھاؤ۔

20 نبُوّتوں کی حقارت نہ کرو۔

21 سب باتوں کو آزماؤ ۔ جو اچھّی ہو اُسے پکڑے رہو۔

22 ہر قِسم کی بدی سے بچے رہو۔

23 خُدا جو اِطمِینان کا چشمہ ہے آپ ہی تُم کو بِالکُل پاک کرے اور تُمہاری رُوح اور جان اور بدن ہمارے خُداوند یِسُوع مسِیح کے آنے تک پُورے پُورے اور بے عَیب محفُوظ رہیں۔

24 تُمہارا بُلانے والا سچّا ہے ۔ وہ اَیسا ہی کرے گا۔

25 اَے بھائِیو ! ہمارے واسطے دُعا کرو۔

26 پاک بوسہ کے ساتھ سب بھائِیوں کو سلام کرو۔

27 مَیں تُمہیں خُداوند کی قَسم دیتا ہُوں کہ یہ خَط سب بھائِیوں کو سُنایا جائے۔

28 ہمارے خُداوند یِسُوع مسِیح کا فضل تُم پر ہوتا رہے۔

کُلسِیوں 1

تمہید

1 پَولُس کی طرف سے جو خُدا کی مرضی سے مسِیح یِسُو ع کا رسُول ہے اور بھائی تِیمُتِھیُس کی طرف سے۔

2 مسِیح میں اُن مُقدّس اور اِیمان دار بھائِیوں کے نام جو کُلُِسّے میں ہیں

ہمارے باپ خُدا کی طرف سے تُمہیں فضل اور اِطمِینان حاصِل ہوتا رہے۔

شُکر گُزاری کی دُعا

3 ہم تُمہارے حق میں ہمیشہ دُعا کر کے اپنے خُداوند یِسُو ع مسِیح کے باپ یعنی خُدا کا شُکر کرتے ہیں۔

4 کیونکہ ہم نے سُنا ہے کہ مسِیح یِسُوع پر تُمہارا اِیمان ہے اور سب مُقدّس لوگوں سے مُحبّت رکھتے ہو۔

5 اُس اُمّید کی ہُوئی چِیز کے سبب سے جو تُمہارے واسطے آسمان پر رکھّی ہُوئی ہے جِس کا ذِکر تُم اُس خُوشخبری کے کلامِ حق میں سُن چُکے ہو۔

6 جو تُمہارے پاس پُہنچی ہے جَیسے سارے جہان میں بھی پَھل دیتی اور ترقّی کرتی جاتی ہے ۔ چُنانچہ جِس دِن سے تُم نے اُس کو سُنا اور خُدا کے فضل کو سچّے طَور پر پہچانا تُم میں بھی اَیسا ہی کرتی ہے۔

7 اُسی کی تعلِیم تُم نے ہمارے عزِیز ہم خِدمت اِپَفراس سے پائی جو ہمارے لِئے مسِیح کا دِیانت دار خادِم ہے۔

8 اُسی نے تُمہاری مُحبّت کو جو رُوح میں ہے ہم پر ظاہِر کِیا۔

9 اِسی لِئے جِس دِن سے یہ سُنا ہے ہم بھی تُمہارے واسطے یہ دُعا کرنے اور درخواست کرنے سے باز نہیں آتے کہ تُم کمال رُوحانی حِکمت اور سمجھ کے ساتھ اُس کی مرضی کے عِلم سے معمُور ہو جاؤ۔

10 تاکہ تُمہارا چال چلن خُداوند کے لائِق ہو اور اُس کو ہر طرح سے پسند آئے اور تُم میں ہر طرح کے نیک کام کا پَھل لگے اور خُدا کی پہچان میں بڑھتے جاؤ۔

11 اور اُس کے جلال کی قُدرت کے مُوافِق ہر طرح کی قُوّت سے قَوی ہوتے جاؤ تاکہ خُوشی کے ساتھ ہر صُورت سے صبر اور تحمُّل کر سکو۔

12 اور باپ کا شُکر کرتے رہو جِس نے ہم کو اِس لائق کِیا کہ نُور میں مُقدّسوں کے ساتھ مِیراث کا حِصّہ پائیں۔

13 اُسی نے ہم کو تارِیکی کے قبضہ سے چُھڑا کر اپنے عزِیز بیٹے کی بادشاہی میں داخِل کِیا۔

14 جِس میں ہم کو مخلصی یعنی گُناہوں کی مُعافی حاصِل ہے۔

مسِیح کی ذات اور کام

15 وہ اَن دیکھے خُدا کی صُورت اور تمام مخلُوقات سے پہلے مَولُود ہے۔

16 کیونکہ اُسی میں سب چِیزیں پَیدا کی گئِیں ۔آسمان کی ہوں یا زمِین کی ۔ دیکھی ہوں یا اَن دیکھی ۔ تخت ہوںیا رِیاستیں یا حُکومتیں یا اِختیارات ۔ سب چِیزیں اُسی کے وسِیلہ سے اور اُسی کے واسطے پَیدا ہُوئی ہیں۔

17 اور وہ سب چِیزوں سے پہلے ہے اور اُسی میں سب چِیزیں قائِم رہتی ہیں۔

18 اور وُہی بدن یعنی کلِیسیا کا سر ہے ۔ وُہی ابتدا ہے اور مُردوں میں سے جی اُٹھنے والوں میں پہلوٹھا تاکہ سب باتوں میں اُس کا اَوّل درجہ ہو۔

19 کیونکہ باپ کو یہ پسند آیا کہ ساری معمُوری اُسی میں سکُونت کرے۔

20 اور اُس کے خُون کے سبب سے جو صلِیب پر بہا صُلح کر کے سب چِیزوں کا اُسی کے وسِیلہ سے اپنے ساتھ میل کر لے ۔ خَواہ وہ زمِین کی ہوں خَواہ آسمان کی۔

21 اور اُس نے اب اُس کے جِسمانی بدن میں مَوت کے وسِیلہ سے تُمہارا بھی میل کر لِیا۔

22 جو پہلے خارِج اور بُرے کاموں کے سبب سے دِل سے دُشمن تھے تاکہ وہ تُم کو مُقدّس بے عَیب اور بے اِلزام بنا کر اپنے سامنے حاضِر کرے۔

23 بشرطیکہ تُم اِیمان کی بُنیاد پر قائِم اور پُختہ رہو اور اُس خُوشخبری کی اُمّید کو جِسے تُم نے سُنا نہ چھوڑو جِس کی مُنادی آسمان کے نِیچے کی تمام مخلُوقات میں کی گئی اور مَیں پَولُس اُسی کا خادِم بنا۔

مسِیح کے خادِم کی حیثِیت سے پَولُس کا کام

24 اب مَیں اُن دُکھوں کے سبب سے خُوش ہُوں جو تُمہاری خاطِر اُٹھاتا ہُوں اور مسِیح کی مُصِیبتوں کی کمی اُس کے بدن یعنی کلِیسیا کی خاطِر اپنے جِسم میں پُوری کِئے دیتا ہُوں۔

25 جِس کا مَیں خُدا کے اُس اِنتِظام کے مُطابِق خادِم بنا جو تُمہارے واسطے میرے سپُرد ہُؤا تاکہ مَیں خُدا کے کلام کی پُوری پُوری مُنادی کرُوں۔

26 یعنی اُس بھید کی جو تمام زمانوں اور پُشتوں سے پَوشِیدہ رہا لیکن اب اُس کے اُن مُقدّسوں پر ظاہِر ہُؤا۔

27 جِن پر خُدا نے ظاہِر کرنا چاہا کہ غَیر قَوموں میں اُس بھید کے جلال کی دَولت کَیسی کُچھ ہے اور وہ یہ ہے کہ مسِیح جو جلال کی اُمّید ہے تُم میں رہتا ہے۔

28 جِس کی مُنادی کر کے ہم ہر ایک شخص کو نصِیحت کرتے اور ہر ایک کو کمال دانائی سے تعلِیم دیتے ہیں تاکہ ہم ہر شخص کو مسِیح میں کامِل کر کے پیش کریں۔

29 اور اِسی لِئے مَیں اُس کی اُس قُوّت کے مُوافِق جانفشانی سے مِحنت کرتا ہُوں جو مُجھ میں زور سے اثر کرتی ہے۔