زبُو 140

مُحافِظت کے لِئے اِلتجا

مِیر مُغنّی کے لِئے داؤُد کا مزمُور۔

1 اَے خُداوند! مُجھے بُرے آدمی سے رہائی بخش۔

مُجھے تُندخُو آدمی سے محفُوظ رکھ۔

2 جو دِل میں شرارت کے منصُوبے باندھتے ہیں

وہ ہمیشہ مِل کر جنگ کے لِئے جمع ہو جاتے ہیں ۔

3 اُنہوں نے اپنی زُبان سانپ کی طرح تیز کر

رکھّی ہے۔

اُن کے ہونٹوں کے نِیچے افعی کا زہر ہے ۔ (سِلاہ)

4 اَے خُداوند! مُجھے شرِیر کے ہاتھ سے بچا۔

مُجھے تُندخُو آدمی سے محفُوظ رکھ

جِن کا اِرادہ ہے کہ میرے پاؤں اُکھاڑ دیں۔

5 مغرُوروں نے میرے لِئے پھندے اور رسِیّوں کو

چُھپایا ہے۔

اُنہوں نے راہ کے کنارے جال لگایا ہے۔

اُنہوں نے میرے لِئے دام بِچھا رکھّے ہیں ۔

(سِلاہ)

6 مَیں نے خُداوند سے کہا میرا خُدا تُو ہی ہے۔

اَے خُداوند! میری اِلتجا کی آواز پر کان لگا۔

7 اَے خُداوند میرے مالِک! اَے میری نجات

کی قُوّت

تُو نے جنگ کے دِن میرے سر پر سایہ کِیا ہے۔

8 اَے خُداوند! شرِیر کی مُراد پُوری نہ کر۔

اُس کے بُرے منصُوبہ کو انجام نہ دے تاکہ وہ

ڈِینگ نہ مارے ۔ (سِلاہ)

9 مُجھے گھیرنے والوں کے مُنہ کی شرارت

اُن ہی کے سر پر پڑے۔

10 اُن پر انگارے گِریں۔

وہ آگ میں ڈالے جائیں

اور اَیسے گڑھوں میں کہ پِھر نہ اُٹھیں۔

11 بدزُبان آدمی کو زمِین پر قِیام نہ ہو گا۔

آفت تُندخُو آدمی کو رگید کر ہلاک کرے گی۔

12 مَیں جانتا ہُوں کہ خُداوند مُصِیبت زدہ کے

مُعاملہ کی

اور مُحتاج کے حق کی تائید کرے گا۔

13 یقِیناً صادِق تیرے نام کا شُکر کریں گے

اور راست باز تیرے حضُور میں رہیں گے۔

زبُو 141

شام کی دُعا

داؤُد کا مزمُور۔

1 اَے خُداوند!مَیں نے تیری دُہائی دی ہے ۔ میری

طرف جلد آ۔

جب مَیں تُجھ سے دُعا کرُوں تُو میری آواز پر

کان لگا۔

2 میری دُعا تیرے حضُور بخُور کی مانِند ہو

اور میرا ہاتھ اُٹھانا شام کی قُربانی کی مانِند۔

3 اَے خُداوند!میرے مُنہ پر پہرا بِٹھا۔

میرے لبوں کے دروازہ کی نِگہبانی کر۔

4 میرے دِل کو کِسی بُری بات کی طرف مائِل نہ

ہونے دے

کہ بدکاروں کے ساتھ مِل کر

شرارت کے کاموں میں مصرُوف ہو جائے

اور مُجھے اُن کے نفِیس کھانے سے باز رکھ۔

5 صادِق مُجھے مارے تو مہربانی ہو گی۔

وہ مُجھے تنبِیہ کرے تو گویا سر پر رَوغن ہو گا۔

میرا سر اِس سے اِنکار نہ کرے

کیونکہ اُن کی شرارت میں بھی مَیں دُعا کرتا

رہُوں گا۔

6 اُن کے حاکِم چٹان کے کناروں پر سے گِرا دِئیے

گئے ہیں

اور وہ میری باتیں سُنیں گے کیونکہ یہ شِیرِین ہیں ۔

7 جَیسے کوئی ہل چلا کر زمِین کو توڑتا ہے

وَیسے ہی ہماری ہڈِّیاں پاتال کے مُنہ پر بِکھری

پڑی ہیں۔

8 کیونکہ اَے مالِک خُداوند! میری آنکھیں تیری

طرف ہیں۔

میرا توکُّل تُجھ پر ہے ۔ میری جان کو بیکس نہ چھوڑ ۔

9 مُجھے اُس پھندے سے جو اُنہوں نے میرے لِئے

لگایا ہے

اور بدکرداروں کے دام سے بچا۔

10 شرِیر آپ اپنے جال میں پھنسیں

اور مَیں سلامت بچ نِکلُوں۔

زبُو 142

مدد کے لِئے مُناجات

داؤُد کا مشکِیل جب وہ غار میں تھا ۔ دُعا۔

1 مَیں اپنی آواز بُلند کر کے خُداوند سے فریاد کرتا ہُوں ۔

مَیں اپنی ہی آواز سے خُداوند سے مِنّت

کرتا ہُوں۔

2 مَیں اُس کے حضُور فریاد کرتا ہُوں۔

مَیں اپنا دُکھ اُس کے حضُور بیان کرتا ہُوں۔

3 جب مُجھ میں میری جان نِڈھال تھی تُو میری راہ

سے واقِف تھا۔

جِس راہ پر مَیں چلتا ہُوں اُس میں اُنہوں نے میرے

لِئے پھندا لگایا ہے۔

4 د ہنی طرف نِگاہ کر اور دیکھ مُجھے کوئی نہیں پہچانتا۔

میرے لِئے کہیں پناہ نہ رہی ۔ کِسی کو میری جان

کی فِکر نہیں۔

5 اَے خُداوند! مَیں نے تُجھ سے فریاد کی۔

مَیں نے کہا تُو میری پناہ ہے

اور زِندوں کی زمِین میں میرا بخرہ۔

6 میری فریاد پر توجُّہ کر کیونکہ مَیں نہایت پست ہو

گیا ہُوں۔

میرے ستانے والوں سے مُجھے رہائی بخش کیونکہ

وہ مُجھ سے زورآور ہیں۔

7 میری جان کو قَید سے نِکال تاکہ تیرے نام کا

شُکر کرُوں۔

صادِق میرے گِرد جمع ہوں گے

کیونکہ تُو مُجھ پر اِحسان کرے گا۔

زبُو 143

مدد کے لِئے مُناجات

داؤُد کا مزمُور۔

1 اَے خُداوند!میری دُعا سُن ۔ میری اِلتجا پر کان لگا۔

اپنی وفاداری اور صداقت میں مُجھے جواب دے

2 اور اپنے بندہ کو عدالت میں نہ لا

کیونکہ تیری نظر میں کوئی آدمی راست باز نہیں ٹھہر سکتا۔

3 اِس لِئے کہ دُشمن نے میری جان کو ستایا ہے۔

اُس نے میری زِندگی کو خاک میں مِلا دِیا

اور مُجھے اندھیری جگہوں میں اُن کی مانِند بسایا ہے

جِن کو مَرے مُدّت ہو گئی ہو۔

4 اِسی سبب سے مُجھ میں میری جان نِڈھال ہے

اور میرا دِل مُجھ میں بیکل ہے۔

5 مَیں گُذشتہ زمانوں کو یاد کرتا ہُوں۔

مَیں تیرے سب کاموں پر غَور کرتا ہُوں

اور تیری دست کاری پر دِھیان کرتا ہُوں۔

6 مَیں اپنے ہاتھ تیری طرف پَھیلاتا ہُوں۔

میری جان خُشک زمِین کی مانِند تیری پیاسی

ہے ۔ (سِلاہ)

7 اَے خُداوند!جلد مُجھے جواب دے ۔ میری رُوح

گُداز ہو چلی۔

اپنا چہرہ مُجھ سے نہ چُھپا۔

اَیسا نہ ہو کہ مَیں قبر میں اُترنے والوں کی مانِند

ہو جاؤُں۔

8 صُبح کو مُجھے اپنی شفقت کی خبر دے

کیونکہ میرا توکُّل تُجھ پر ہے۔

مُجھے وہ راہ بتا جِس پر مَیں چلُوں

کیونکہ مَیں اپنا دِل تیری ہی طرف لگاتا ہُوں۔

9 اَے خُداوند!مُجھے میرے دُشمنوں سے رہائی بخش

کیونکہ مَیں پناہ کے لِئے تیرے پاس بھاگ

آیا ہُوں۔

10 مُجھے سِکھا کہ تیری مرضی پر چلُوں اِس لِئے کہ تُو میرا

خُدا ہے ۔

تیری نیک رُوح مُجھے راستی کے مُلک میں لے چلے۔

11 اَے خُداوند! اپنے نام کی خاطِر مُجھے زِندہ کر۔

اپنی صداقت میں میری جان کو مُصِیبت سے نِکال۔

12 اپنی شفقت سے میرے دُشمنوں کو کاٹ ڈال

اور میری جان کے سب دُکھ دینے والوں کو

ہلاک کر دے

کیونکہ مَیں تیرا بندہ ہُوں۔

زبُو 144

بادشاہ فتح کے لِئے خُدا کا شُکر بجالاتاہے

داؤُد کا مزمُور۔

1 خُداوند میری چٹان مُبارک ہو

جو میرے ہاتھوں کو جنگ کرنا

اور میری اُنگلیوں کو لڑنا سِکھاتا ہے۔

2 وہ مُجھ پر شفقت کرنے والا اور میرا قلعہ ہے۔

میرا اُونچا بُرج اور میرا چُھڑانے والا ۔

وہ میری سِپر اور میری پناہ گاہ ہے

جو میرے لوگوں کو میرے تابِع کرتا ہے۔

3 اَے خُداوند! اِنسان کیا ہے کہ تُو اُسے یاد رکھّے؟

اور آدم زاد کیا ہے کہ تُو اُس کا خیال کرے ؟

4 اِنسان بُطلان کی مانِند ہے۔

اُس کے دِن ڈھلتے سایہ کی مانِند ہیں۔

5 اَے خُداوند! آسمانوں کو جُھکا کر اُتر آ۔

پہاڑوں کو چُھو تو اُن سے دُھواں اُٹھے گا۔

6 بِجلی گِرا کر اُن کو پراگندہ کر دے۔

اپنے تِیر چلا کر اُن کو شِکست دے۔

7 اُوپر سے ہاتھ بڑھا۔

مُجھے رہائی دے اور بڑے سَیلاب

یعنی پردیسیوں کے ہاتھ سے چُھڑا

8 جِن کے مُنہ سے بطالت نِکلتی رہتی ہے

اور جِن کا دہنا ہاتھ جُھوٹ کا دہنا ہاتھ ہے۔

9 اَے خُدا! مَیں تیرے لِئے نیا گِیت گاؤُں گا۔

دس تار والی بربط پر مَیں تیری مدح سرائی کرُوں گا ۔

10 وُہی بادشاہوں کو نجات بخشتا ہے

اور اپنے بندہ داؤُد کو مُہلِک تلوار سے بچاتا ہے۔

11 مُجھے بچا اور پردیسیوں کے ہاتھ سے چُھڑا

جِن کے مُنہ سے بطالت نِکلتی رہتی ہے

اور جِن کا دہنا ہاتھ جُھوٹ کا دہنا ہاتھ ہے۔

12 جب ہمارے بیٹے جوانی میں قدآور پَودوں کی

مانِند ہوں ۔

اور ہماری بیٹیاں محلّ کے کونے کے لِئے تراشے

ہُوئے پتھّروں کی مانِند ہوں۔

13 جب ہمارے کھتّے بھرے ہوں جِن سے ہر قِسم کی

جِنس مِل سکے

اور ہماری بھیڑ بکریاں ہمارے کُوچوں میں

ہزاروں اورلاکھوں بچّے دیں۔

14 جب ہمارے بَیل خُوب لدے ہوں۔

جب نہ رخنہ ہو نہ خُرُوج

اور نہ ہمارے کُوچوں میں واوَیلا ہو۔

15 مُبارک ہے وہ قَوم جِس کا یہ حال ہے۔

مُبارک ہے وہ قَوم جِس کا خُدا خُداوند ہے۔

زبُو 145

حمدوسِتایش کا گِیت

داؤُد کا مزمُور۔ مدح

1 اَے میرے خُدا! اَے بادشاہ! مَیں تیری تمجِید کرُوں گا

اور ابدُالآباد تیرے نام کو مُبارک کہُوں گا۔

2 مَیں ہر روز تُجھے مُبارک کہُوں گا

اور ابدُالآباد تیرے نام کی سِتایش کرُوں گا۔

3 خُداوند بزُرگ اور بے حد سِتایش کے لائِق ہے۔

اُس کی بزُرگی اِدراک سے باہر ہے۔

4 ایک پُشت دُوسری پُشت سے تیرے کاموں

کی تعرِیف

اور تیری قُدرت کے کاموں کا بیان کرے گی۔

5 مَیں تیری عظمت کی جلالی شان پر

اور تیرے عجائِب پر غَور کرُوں گا

6 اور لوگ تیری قُدرت کے ہَولناک کاموں کا ذِکر

کریں گے

اور مَیں تیری بزُرگی بیان کرُوں گا۔

7 وہ تیرے بڑے اِحسان کی یادگار کا بیان کریں گے

اور تیری صداقت کا گِیت گائیں گے۔

8 خُداوند رحِیم و کرِیم ہے۔

وہ قہر کرنے میں دِھیما اور شفقت میں غنی ہے۔

9 خُداوند سب پر مہربان ہے

اور اُس کی رحمت اُس کی ساری مخلُوق پر ہے۔

10 اَے خُداوند! تیری ساری مخلُوق تیرا شُکر کرے گی

اور تیرے مُقدّس تُجھے مُبارک کہیں گے۔

11 وہ تیری سلطنت کے جلال کا بیان

اور تیری قُدرت کا چرچا کریں گے۔

12 تاکہ بنی آدم پر اُس کی قُدرت کے کاموں کو

اور اُس کی سلطنت کے جلال کی شان کو ظاہِر کریں۔

13 تیری سلطنت ابدی سلطنت ہے

اور تیری حُکومت پُشت در پُشت۔

14 خُداوند گِرتے ہُوئے کو سنبھالتا

اور جُھکے ہُوئے کو اُٹھا کھڑا کرتا ہے۔

15 سب کی آنکھیں تُجھ پر لگی ہیں۔

تُو اُن کو وقت پر اُن کی خُوراک دیتا ہے۔

16 تُو اپنی مُٹھّی کھولتا ہے

اور ہر جاندار کی خواہش پُوری کرتا ہے۔

17 خُداوند اپنی سب راہوں میں صادِق

اور اپنے سب کاموں میں رحِیم ہے۔

18 خُداوند اُن سب کے قرِیب ہے جو اُس سے دُعا

کرتے ہیں۔

یعنی اُن سب کے جو سچّائی سے دُعا کرتے ہیں ۔

19 جو اُس سے ڈرتے ہیں وہ اُن کی مُراد پُوری کرے گا ۔

وہ اُن کی فریاد سُنے گا اور اُن کو بچالے گا۔

20 خُداوند اپنے سب مُحبّت رکھنے والوں کی حِفاظت

کرے گا

لیکن سب شرِیروں کو ہلاک کر ڈالے گا۔

21 میرے مُنہ سے خُداوند کی سِتایش ہو گی

اور ہر بشر اُس کے پاک نام کو ابدُالآباد

مُبارک کہے۔

زبُو 146

بچانے والے خُدا کی حمد

1 خُداوند کی حمد کرو!

اَے میری جان خُداوند کی حمد کر !

2 مَیں عُمر بھر خُداوند کی حمد کرُوں گا۔

جب تک میرا وجُود ہے مَیں اپنے خُدا کی مدح

سرائی کرُوں گا۔

3 نہ اُمرا پر بھروسا کرو نہ آدم زاد پر۔

وہ بچا نہیں سکتا۔

4 اُس کا دَم نِکل جاتا ہے تو وہ مِٹّی میں مِل جاتا ہے ۔

اُسی دِن اُس کے منصُوبے فنا ہو جاتے ہیں۔

5 خُوش نصِیب ہے وہ جِس کا مددگار یعقُوب کا خُدا ہے

اور جِس کی اُمّید خُداوند اُس کے خُدا سے ہے

6 جِس نے آسمان اور زمِین اور سمُندر کو

اور جو کُچھ اُن میں ہے بنایا۔

جو سچّائی کو ہمیشہ قائِم رکھتا ہے۔

7 جو مظلُوموں کا اِنصاف کرتا ہے۔

جو بُھوکوں کو کھانا دیتا ہے۔

خُداوند قَیدِیوں کو آزاد کرتا ہے۔

8 خُداوند اندھوں کی آنکھیں کھولتا ہے۔

خُداوند جُھکے ہُوئے کو اُٹھا کھڑا کرتا ہے۔

خُداوند صادِقوں سے مُحبّت رکھتا ہے۔

9 خُداوند پردیسیوں کی حِفاظت کرتا ہے۔

وہ یتِیم اور بیوہ کو سنبھالتا ہے

لیکن شرِیروں کی راہ ٹیڑھی کر دیتا ہے۔

10 خُداوند ابد تک سلطنت کرے گا۔

اَے صِیُّون ! تیرا خُدا پُشت در پُشت ۔

خُداوند کی حمد کرو۔

زبُو 147

قادرِ مُطلق خُدا کی حمد

1 خُداوند کی حمد کرو

کیونکہ خُدا کی مدح سرائی کرنا بھلا ہے۔

اِس لِئے کہ یہ دِل پسند اور سِتایش زیبا ہے۔

2 خُداوند یروشلِیم کو تعمِیر کرتا ہے۔

وہ اِسرائیل کے جلاوطنوں کو جمع کرتا ہے۔

3 وہ شِکستہ دِلوں کو شِفا دیتا ہے

اور اُن کے زخم باندھتا ہے۔

4 وہ سِتاروں کو شُمار کرتا ہے

اور اُن سب کے نام رکھتا ہے۔

5 ہمارا خُداوند بزُرگ اور قُدرت میں عظِیم ہے۔

اُس کے فہم کی اِنتہا نہیں۔

6 خُداوند حلِیموں کو سنبھالتا ہے۔

وہ شرِیروں کو خاک میں مِلا دیتا ہے۔

7 خُداوند کے حضُور شُکرگُذاری کا گِیت گاؤ۔

سِتار پر ہمارے خُدا کی مدح سرائی کرو۔

8 جو آسمان کو بادلوں سے مُلبّس کرتا ہے۔

جو زمِین کے لِئے مِینہ تیّار کرتا ہے۔

جو پہاڑوں پر گھاس اُگاتا ہے۔

9 جو حَیوانات کو خُوراک دیتا ہے

اور کوّے کے بچّوں کو جو کائیں کائیں کرتے ہیں ۔

10 گھوڑے کے زور میں اُس کی خُوشنُودی نہیں۔

نہ آدمی کی ٹانگوں سے اُسے کوئی خُوشی ہے۔

11 خُداوند اُن سے خُوش ہے جو اُس سے ڈرتے ہیں

اور اُن سے جو اُس کی شفقت کے اُمیدوار ہیں ۔

12 اَے یروشلِیم ! خُداوند کی سِتایش کر۔

اَے صِیُّون ! اپنے خُدا کی سِتایش کر۔

13 کیونکہ اُس نے تیرے پھاٹکوں کے بینڈوں کو

مضبُوط کِیا ہے۔

اُس نے تیرے اندر تیری اَولاد کو برکت دی ہے۔

14 وہ تیری حُدُود میں امن رکھتا ہے۔

وہ تُجھے اچھّے سے اچھّے گیہُوں سے آسُودہ کرتا ہے ۔

15 وہ اپنا حُکم زمِین پر بھیجتا ہے۔

اُس کا کلام نہایت تیزرَو ہے۔

16 وہ برف کو اُون کی مانِند گِراتا ہے۔

اور پالے کو راکھ کی مانِند بکھیرتا ہے۔

17 وہ یخ کو لُقموں کی مانِند پھینکتا ہے۔

اُس کی ٹھنڈ کون سہہ سکتاہے؟

18 وہ اپنا کلام نازِل کر کے اُن کو پِگھلا دیتا ہے۔

وہ ہوا چلاتا ہے اور پانی بہنے لگتا ہے۔

19 وہ اپنا کلام یعقُوب پر ظاہِر کرتا ہے

اور اپنے آئِین و احکام اِسرائیل پر۔

20 اُس نے کِسی اَور قَوم سے اَیسا سلُوک نہیں کِیا

اور اُس کے احکام کو اُنہوں نے نہیں جانا۔

خُداوند کی حمد کرو۔

زبُو 148

کائنات کو خُدا کی حمد کرنے کی تاکِید

1 خُداوند کی حمد کرو۔

آسمان پر سے خُداوند کی حمد کرو۔

بُلندیوں پر اُس کی حمد کرو۔

2 اَے اُس کے فرِشتو! سب اُس کی حمد کرو۔

اَے اُس کے لشکرو! سب اُس کی حمد کرو۔

3 اَے سُورج!اَے چاند! اُس کی حمد کرو۔

اَے نُورانی سِتارو!سب اُس کی حمد کرو۔

4 اَے فلکُ الافلاک! اُس کی حمد کرو۔

اور تُو بھی اَے فضا پر کے پانی!

5 یہ سب خُداوند کے نام کی حمد کریں۔

کیونکہ اُس نے حُکم دِیا اور یہ پَیدا ہو گئے۔

6 اُس نے اِن کو ابدُالآباد کے لِئے قائِم کِیا ہے۔

اُس نے اٹل قانُون مُقرّر کر دِیا ہے۔

7 زمِین پر سے خُداوند کی حمد کرو۔

اَے اژدہاؤ اور سب گہرے سمُندرو!

8 اَے آگ اور اَولو! اَے برف اورکُہر!

اَے طُوفانی ہوا!جو اُس کے کلام کی تعمِیل کرتی ہے۔

9 اَے پہاڑو اور سب ٹِیلو!

اَے میوہ دار درختو اور سب دیودارو!

10 اَے جانورو اور سب چَوپایو!

اَے رینگنے والو اورپرِندو!

11 اَے زمِین کے بادشاہو اور سب اُمّتو!

اَے اُمرا اور زمِین کے سب حاکِمو!

12 اَے نَوجوانو اور کُنوارِیو!

اَے بُڈّھو اوربچّو!

13 یہ سب خُداوند کے نام کی حمد کریں۔

کیونکہ صِرف اُسی کا نام مُمتاز ہے۔

اُس کا جلال زمِین اور آسمان سے بُلند ہے۔

14 اور اُس نے اپنے سب مُقدّسوں

یعنی اپنی مُقرّب قَوم بنی اِسرائیل کے فخر کے لِئے

اپنی قَوم کا سِینگ بُلند کِیا۔

خُداوند کی حمد کرو۔

زبُو 149

حمدوسِتایش کاگِیت

1 خُداوند کی حمد کرو۔

خُداوند کے حضُور نیا گِیت گاؤ

اور مُقدّسوں کے مجمع میں اُس کی مدح سرائی کرو ۔

2 اِسرائیل اپنے خالِق میں شادمان رہے۔

فرزندانِ صِیُّون اپنے بادشاہ کے سبب سے

شادمان ہوں۔

3 وہ ناچتے ہُوئے اُس کے نام کی سِتایش کریں۔

وہ دَف اور سِتار پر اُس کی مدح سرائی کریں۔

4 کیونکہ خُداوند اپنے لوگوں سے خُوشنُود رہتا ہے۔

وہ حلِیموں کو نجات سے زِینت بخشے گا۔

5 مُقدّس لوگ جلال پر فخر کریں۔

وہ اپنے بِستروں پر خُوشی سے نغمہ سرائی کریں۔

6 اُن کے مُنہ میں خُدا کی تمجِید

اور ہاتھ میں دو دھاری تلوار ہو

7 تاکہ قَوموں سے اِنتقام لیں

اور اُمّتوں کو سزا دیں۔

8 اُن کے بادشاہوں کو زنجِیروں سے جکڑیں

اور اُن کے سرداروں کو لوہے کی بیڑیاں پہنائیں

9 تاکہ اُن کو وہ سزا دیں جو مرقُوم ہے۔

اُس کے سب مُقدّسوں کو یہ شرف حاصِل ہے۔

خُداوند کی حمد کرو۔