زبُو 120

مدد کے لِئے اِلتجا

معلوت یعنی ہَیکل کی زِیارت کا گِیت۔

1 مَیں نے مُصِیبت میں خُداوند سے فریاد کی

اور اُس نے مُجھے جواب دِیا۔

2 جُھوٹے ہونٹوں اور دغاباز زُبان سے

اے خُداوند! میری جان کو چُھڑا۔

3 اَے دغاباز زُبان!

تُجھے کیا دِیا جائے اور تُجھ سے اَور کیا کِیا جائے؟

4 زبردست کے تیز تِیر۔

جھاؤ کے انگاروں کے ساتھ۔

5 مُجھ پر افسوس کہ مَیں مسک میں بستا

اور قِیدار کے خَیموں میں رہتا ہُوں۔

6 صُلح کے دُشمن کے ساتھ رہتے ہُوئے

مُجھے بڑی مُدّت ہو گئی۔

7 مَیں تو صُلح دوست ہُوں

پر جب بولتا ہُوں تو وہ جنگ پر آمادہ ہو جاتے ہیں۔

زبُو 121

خُداوند ہمارا مُحافِظ

معلوت یعنی ہَیکل کی زِیارت کا گِیت۔

1 مَیں اپنی آنکھیں پہاڑوں کی طرف اُٹھاؤُں گا۔

میری کُمک کہاں سے آئے گی ؟

2 میری کُمک خُداوند سے ہے

جِس نے آسمان اور زمِین کو بنایا۔

3 وہ تیرے پاؤں کو پِھسلنے نہ دے گا۔

تیرا مُحافِظ اُونگھنے کا نہیں۔

4 دیکھ! اِسرائیل کا مُحافِظ

نہ اُونگھے گا نہ سوئے گا۔

5 خُداوند تیرا مُحافِظ ہے

خُداوند تیرے دہنے ہاتھ پر تیرا سائبان ہے۔

6 نہ آفتاب دِن کو تُجھے ضرر پُہنچائے گا

نہ ماہتاب رات کو۔

7 خُداوند ہر بلا سے تُجھے محفُوظ رکھّے گا۔

وہ تیری جان کو محفُوظ رکھّے گا۔

8 خُداوند تیری آمد و رفت میں

اب سے ہمیشہ تک تیری حِفاظت کرے گا۔

زبُو 122

یروشلیِم کی تعرِیف وتَوصیِف

معلوت یعنی ہَیکل کی زِیارت کا گِیت ۔داؤُد کا۔

1 مَیں خُوش ہُؤا جب وہ مُجھ سے کہنے لگے

آؤ خُداوند کے گھر چلیں۔

2 اَے یروشلِیم ! ہمارے قدم

تیرے پھاٹکوں کے اندر ہیں۔

3 اَے یروشلِیم ! تُو اَیسے شہر کی مانِند ہے

جو گُنجان بنا ہو۔

4 جہاں قبِیلے یعنی خُداوند کے قبِیلے

اِسرائیل کی شہادت کے لِئے

خُداوند کے نام کا شُکر کرنے کو جاتے ہیں۔

5 کیونکہ وہاں عدالت کے تخت

یعنی داؤُد کے خاندان کے تخت قائِم ہیں۔

6 یروشلِیم کی سلامتی کی دُعا کرو۔

وہ جو تُجھ سے مُحبّت رکھتے ہیں اِقبال مند ہوں گے ۔

7 تیری فصِیل کے اندر سلامتی

اور تیرے محلّوں میں اِقبال مندی ہو۔

8 مَیں اپنے بھائیوں اور دوستوں کی خاطِر

اب کہُوں گا تُجھ میں سلامتی رہے۔

9 خُداوند اپنے خُدا کے گھر کی خاطِر

مَیں تیری بھلائی کا طالِب رہُوں گا۔

زبُو 123

رحم کے لِئے مُناجات

معلوت یعنی ہَیکل کی زِیارت کا گِیت۔

1 تُو جو آسمان پر تخت نشِین ہے

مَیں اپنی آنکھیں تیری طرف اُٹھاتا ہُوں۔

2 دیکھ جِس طرح غُلاموں کی آنکھیں اپنے آقا کے

ہاتھ کی طرف

اور لَونڈی کی آنکھیں اپنی بی بی کے ہاتھ کی

طرف لگی رہتی ہیں

اُسی طرح ہماری آنکھیں خُداوند اپنے خُدا کی

طرف لگی ہیں

جب تک وہ ہم پر رحم نہ کرے۔

3 ہم پر رحم کر ۔ اَے خُداوند! ہم پر رحم کر۔

کیونکہ ہم ذِلّت اُٹھاتے اُٹھاتے تنگ آ گئے۔

4 آسُودہ حالوں کے تمسخُر

اور مغرُوروں کی حقارت سے

ہماری جان سیر ہو گئی۔

زبُو 124

خُدا اپنے لوگوں کی پناہ

معلوت یعنی ہَیکل کی زِیارت کا گِیت ۔ داؤُد کا۔

1 اب اِسرائیل یُوں کہے۔

اگر خُداوند ہماری طرف نہ ہوتا۔

2 اگر خُداوند اُس وقت ہماری طرف نہ ہوتا

جب لوگ ہمارے خِلاف اُٹھے

3 تو جب اُن کا قہر ہم پر بھڑکا تھا

وہ ہم کو جِیتا ہی نِگل جاتے۔

4 اُس وقت پانی ہم کو ڈبو دیتا

اور سَیلاب ہماری جان پر سے گُذر جاتا۔

5 اُس وقت مَوجزن پانی ہماری جان پر سے گُذر جاتا ۔

6 خُداوند مُبارک ہو۔

جِس نے ہمیں اُن کے دانتوں کا شِکار نہ

ہونے دِیا ۔

7 ہماری جان چِڑیا کی مانِند چِڑیماروں کے جال

سے بچ نِکلی ۔

جال تو ٹُوٹ گیا اور ہم بچ نِکلے۔

8 ہماری مدد خُداوند کے نام سے ہے

جِس نے آسمان اور زمِین کو بنایا۔

زبُو 125

خُدا کے لوگوں کے تحفُّظ کی ضمانت

معلوت یعنی ہَیکل کی زِیارت کا گِیت۔

1 جو خُداوند پر توکُّل کرتے ہیں

وہ کوہِ صِیُّون کی مانِند ہیں جو اٹل بلکہ ہمیشہ قائِم ہے۔

2 جَیسے یروشلِیم پہاڑوں سے گِھرا ہے

وَیسے ہی اب سے ابد تک

خُداوند اپنے لوگوں کو گھیرے رہے گا۔

3 کیونکہ شرارت کا عصا صادِقوں کی مِیراث پر قائِم نہ ہو گا

تاکہ صادِق بدکاری کی طرف اپنے ہاتھ

نہ بڑھائیں۔

4 اَے خُداوند! بَھلوں کے ساتھ بھلائی کر

اور اُن کے ساتھ بھی جو راست دِل ہیں۔

5 لیکن جو اپنی ٹیڑھی راہوں کی طرف مُڑتے ہیں

اُن کو خُداوند بدکرداروں کے ساتھ نِکال لے

جائے گا۔

اِسرائیل کی سلامتی ہو!

زبُو 126

رہائی کی اِلتجا

معلوت یعنی ہَیکل کی زِیارت کا گِیت۔

1 جب خُداوند صِیُّون کے اسِیروں کو واپس لایا

تو ہم خواب دیکھنے والوں کی مانِند تھے۔

2 اُس وقت ہمارے مُنہ میںہنسی

اور ہماری زُبان پر راگنی تھی۔

تب قَوموں میں یہ چرچا ہونے لگا

کہ خُداوند نے اِن کے لِئے بڑے بڑے کام

کِئے ہیں۔

3 خُداوند نے ہمارے لِئے بڑے بڑے کام کِئے ہیں

اور ہم شادمان ہیں۔

4 اَے خُداوند! جنُوب کی ندیوں کی طرح

ہمارے اسِیروں کو واپس لا۔

5 جو آنسُوؤں کے ساتھ بوتے ہیں وہ خُوشی کے ساتھ

کاٹیں گے۔

6 جو روتا ہُؤا بِیج بونے جاتا ہے

وہ اپنے پُولے لِئے ہُوئے شادمان لَوٹے گا۔

زبُو 127

خُداکی شفقت کے لِئے حمد وثنا

معلوت یعنی ہَیکل کی زِیارت کا گِیت ۔ سُلیمان کا۔

1 اگر خُداوند ہی گھر نہ بنائے

تو بنانے والوں کی مِحنت عبث ہے۔

اگر خُداوند ہی شہر کی حِفاظت نہ کرے

تو نِگہبان کا جاگنا عبث ہے۔

2 تُمہارے لِئے سویرے اُٹھنا اور دیر میں آرام کرنا

اور مشقّت کی روٹی کھانا عبث ہے

کیونکہ وہ اپنے محبُوب کو تو نِیند ہی میں دے

دیتا ہے ۔

3 دیکھو! اَولاد خُداوند کی طرف سے مِیراث ہے

اور پیٹ کا پَھل اُسی کی طرف سے اَجر ہے۔

4 جوانی کے فرزند اَیسے ہیں

جَیسے زبردست کے ہاتھ میں تِیر۔

5 خُوش نصِیب ہے وہ آدمی جِس کا ترکش اُن سے

بھرا ہے۔

جب وہ اپنے دُشمنوں سے پھاٹک پر باتیں

کریں گے

تو شرمِندہ نہ ہوں گے۔

زبُو 128

خُداوند کی فرمانبرداری کا اَجر

معلوت یعنی ہَیکل کی زِیارت کا گِیت۔

1 مُبارک ہے ہر ایک جو خُداوند سے ڈرتا

اور اُس کی راہوں پر چلتا ہے۔

2 تُو اپنے ہاتھوں کی کمائی کھائے گا۔

تُو مُبارک اور سعادت مند ہو گا۔

3 تیری بِیوی تیرے گھر کے اندر میوہ دار تاک کی

مانِندہو گی

اور تیری اَولاد تیرے دسترخوان پر زَیتُون کے

پَودوں کی مانِند۔

4 دیکھو! اَیسی برکت اُسی آدمی کو مِلے گی

جو خُداوند سے ڈرتا ہے۔

5 خُداوند صِیُّون میں سے تُجھ کو برکت دے

اور تُو عُمر بھر یروشلِیم کی بھلائی دیکھے۔

6 بلکہ تُو اپنے بچّوں کے بچّے دیکھے۔

اِسرا ئیل کی سلامتی ہو!

زبُو 129

اِسرا ئیل کے دُشمنوں کے خِلاف دُعا

معلوت یعنی ہَیکل کی زِیارت کا گِیت۔

1 اِسرائیل اب یُوں کہے

اُنہوں نے میری جوانی سے اب تک مُجھے بار بار ستایا۔

2 ہاں اُنہوں نے میری جوانی سے اب تک مُجھے

بار بار ستایا

تَو بھی وہ مُجھ پر غالب نہ آئے۔

3 ہلواہوں نے میری پِیٹھ پر ہل چلائے

اور لمبی لمبی ریگھارِیاں بنائِیں۔

4 خُداوند صادِق ہے۔

اُس نے شرِیروں کی رسِّیاں کاٹ ڈالِیں۔

5 صِیُّون سے نفرت رکھنے والے

سب شرمِندہ اور پسپا ہوں۔

6 وہ چھت پر کی گھاس کی مانِند ہُوں

جو بڑھنے سے پہلے ہی سُوکھ جاتی ہے۔

7 جِس سے فصل کاٹنے والا اپنی مُٹھّی کو

اور پُولے باندھنے والا اپنے دامن کو نہیں بھرتا

8 نہ آنے جانے والے یہ کہتے ہیں

کہ تُم پر خُداوند کی برکت ہو۔

ہم خُداوند کے نام سے تُم کو دُعا دیتے ہیں۔