زبُو 90

چَوتھی کِتاب(زبُور۹۰‏-۱۰۶)

خُدا اور بنی نَوع اِنسان کے بارے میں

مَردِ خُدا مُوسیٰ کی دُعا۔

1 یا رب! پُشت در پُشت

تُو ہی ہماری پناہ گاہ رہا ہے۔

2 اِس سے پیشتر کہ پہاڑ پَیدا ہُوئے

یا زمِین اور دُنیا کو تُو نے بنایا۔

ازل سے ابد تک تُو ہی خُدا ہے۔

3 تُو اِنسان کو پِھر خاک میں مِلا دیتا ہے

اور فرماتا ہے اَے بنی آدم! لَوٹ آؤ۔

4 کیونکہ تیری نظر میں ہزار برس اَیسے ہیں

جَیسے کل کا دِن جو گُذر گیااور جَیسے رات کا ایک پہر۔

5 تُو اُن کو گویا سَیلاب سے بہا لے جاتا ہے ۔

وہ نِیندکی ایک جھپکی کی مانِند ہیں۔

وہ صُبح کو اُگنے والی گھاس کی مانِند ہیں۔

6 وہ صُبح کو لہلہاتی اور بڑھتی ہے۔

وہ شام کو کٹتی اور سُوکھ جاتی ہے۔

7 کیونکہ ہم تیرے قہر سے فنا ہو گئے ۔

اور تیرے غضب سے پریشان ہُوئے۔

8 تُو نے ہماری بدکرداری کو اپنے سامنے رکھّا

اور ہمارے پوشِیدہ گُناہوں کو اپنے چہرہ کی رَوشنی میں۔

9 کیونکہ ہمارے تمام دِن تیرے قہر میں گُذرے۔

ہماری عُمر خیال کی طرح جاتی رہتی ہے۔

10 ہماری عُمر کی مِیعاد ستّر برس ہے۔

یا قُوّت ہو تو اَسّی برس۔

تَو بھی اُن کی رَونق محض مشقّت اور غم ہے

کیونکہ وہ جلد جاتی رہتی ہے اور ہم اُڑ جاتے ہیں ۔

11 تیرے قہر کی شِدّت کو کَون جانتا ہے

اور تیرے خَوف کے مُطابِق تیرے غضب کو؟

12 ہم کو اپنے دِن گِننا سِکھا۔

اَیسا کہ ہم دانا دِل حاصِل کریں۔

13 اَے خُداوند!باز آ ۔ کب تک؟

اور اپنے بندوں پر رحم فرما۔

14 صُبح کو اپنی شفقت سے ہم کو آسُودہ کر

تاکہ ہم عُمر بھر خُوش و خُرّ م رہیں۔

15 جِتنے دِن تُو نے ہم کو دُکھ دِیا

اور جِتنے برس ہم مُصِیبت میں رہے اُتنی ہی خُوشی

ہم کو عنایت کر۔

16 تیرا کام تیرے بندوں پر

اور تیرا جلال اُن کی اَولاد پر ظاہِر ہو۔

17 اور رب ہمارے خُدا کا کرم ہم پر سایہ کرے۔

ہمارے ہاتھوں کے کام کو ہمارے لِئے قِیام بخش ۔

ہاں ہمارے ہاتھوں کے کام کو قِیام بخش دے۔

زبُو 91

خُداہماری پناہ

1 جو حق تعالیٰ کے پردہ میں رہتا ہے۔

وہ قادرِ مُطلق کے سایہ میں سکُونت کرے گا۔

2 مَیں خُداوند کے بارے میں کہُوں گا وُہی میری پناہ

اورمیرا گڑھ ہے۔

وہ میرا خُدا ہے جِس پر میرا توکُّل ہے۔

3 کیونکہ وہ تُجھے صیّاد کے پھندے سے

اور مُہلِک وبا سے چُھڑائے گا۔

4 وہ تُجھے اپنے پروں سے چُھپا لے گا

اور تُجھے اُس کے بازُوؤں کے نِیچے پناہ مِلے گی۔

اُس کی سچّائی ڈھال اور سِپر ہے۔

5 تُو نہ رات کی ہَیبت سے ڈرے گا۔

نہ دِن کو اُڑنے والے تِیر سے۔

6 نہ اُس وبا سے جو اندھیرے میں چلتی ہے

نہ اُس ہلاکت سے جو دوپہر کو وِیران کرتی ہے۔

7 تیرے آس پاس ایک ہزار گِر جائیں گے

اور تیرے دہنے ہاتھ کی طرف دس ہزار

لیکن وہ تیرے نزدِیک نہ آئے گی۔

8 لیکن تُو اپنی آنکھوں سے نِگاہ کرے گا

اور شرِیروں کے انجام کو دیکھے گا۔

9 پر تُو اَے خُداوند! میری پناہ ہے !

تُو نے حق تعالیٰ کو اپنا مسکن بنا لِیا ہے۔

10 تُجھ پر کوئی آفت نہیں آئے گی

اور کوئی وبا تیرے خَیمہ کے نزدِیک نہ پُہنچے گی۔

11 کیونکہ وہ تیری بابت اپنے فرِشتوں کو حُکم دے گا

کہ تیری سب راہوں میں تیری حِفاظت کریں ۔

12 وہ تُجھے اپنے ہاتھوں پر اُٹھا لیں گے

تاکہ اَیسا نہ ہو کہ تیرے پاؤں کو پتھّر سے ٹھیس لگے ۔

13 تُو شیرِ بَبر اور افعی کو رَوندے گا۔

تُو جوان شیر اور اژدہا کو پامال کرے گا۔

14 چُونکہ اُس نے مُجھ سے دِل لگایا ہے اِس لِئے مَیں

اُسے چُھڑاؤُں گا۔

مَیں اُسے سرفراز کرُوں گا کیونکہ اُس نے میرا

نام پہچاناہے۔

15 وہ مُجھے پُکارے گا اور مَیں اُسے جواب دُوں گا۔

مَیں مُصِیبت میں اُس کے ساتھ رہُوں گا۔

مَیں اُسے چُھڑاؤُں گا اور عِزّت بخشُوں گا۔

16 مَیں اُسے عُمر کی درازی سے آسُودہ کرُوں گا

اور اپنی نجات اُسے دِکھاؤُں گا۔

زبُو 92

حمد و سِتایش کاگِیت

مزمُور۔ سبت کے دِن کے لِئے گِیت۔

1 کیا ہی بھلا ہے خُداوند کا شُکر کرنا

اور تیرے نام کی مدح سرائی کرنا اَے حق تعالیٰ!

2 صُبح کو تیری شفقت کا اِظہار کرنا

اور رات کو تیری وفاداری کا۔

3 دس تار والے ساز اور بربط پر

اور سِتار پر گُونجتی آواز کے ساتھ۔

4 کیونکہ اَے خُداوند! تُو نے مُجھے اپنے کام سے

خُوش کِیا ۔

مَیں تیری صنعت کاری کے سبب سے شادیانہ

بجاؤُں گا۔

5 اَے خُداوند!تیری صنعتیں کَیسی بڑی ہیں!

تیرے خیال بُہت عمِیق ہیں۔

6 حَیوان خصلت نہیں جانتا

اور احمق اِس کو نہیں سمجھتا ہے۔

7 جب شرِیر گھاس کی طرح اُگتے ہیں

اور سب بدکردار پُھولتے پَھلتے ہیں

تو یہ اِسی لِئے ہے کہ وہ ہمیشہ کے لِئے فنا ہوں۔

8 لیکن تُو اَے خُداوند! ابدُالآباد بُلند ہے۔

9 کیونکہ دیکھ! اَے خُداوند! تیرے دُشمن۔

دیکھ! تیرے دُشمن ہلاک ہو جائیں گے۔

سب بدکردار پراگندہ کر دِئے جائیں گے۔

10 لیکن تُو نے میرے سِینگ کو جنگلی سانڈ کے سِینگ

کی مانِند بُلند کِیا ہے۔

مُجھ پر تازہ تیل ملا گیا ہے۔

11 میری آنکھ نے میرے دُشمنوں کو دیکھ لِیا۔

میرے کانوں نے میرے مُخالِف بدکاروں کا

حال سُن لِیا ہے ۔

12 صادِق کھجُور کے درخت کی مانِند سرسبز ہو گا۔

وہ لُبنان کے دیودار کی طرح بڑھے گا۔

13 جو خُداوند کے گھر میں لگائے گئے ہیں

وہ ہمارے خُدا کی بارگاہوں میں سرسبز ہوں گے ۔

14 وہ بُڑھاپے میں بھی برومند ہوں گے۔

وہ تر و تازہ اور سرسبز رہیں گے

15 تاکہ واضِح کریں کہ خُداوند راست ہے۔

وُہی میری چٹان ہے اور اُس میں ناراستی نہیں۔

زبُو 93

خُدا بادشاہ ہے

1 خُداوند سلطنت کرتا ہے ۔ وہ شَوکت سے مُلبّس ہے۔

خُداوند قُدرت سے مُلبّس ہے ۔ وہ اُس سے کمربستہ ہے۔

اِس لِئے جہان قائِم ہے اور اُسے جُنبش نہیں۔

2 تیرا تخت قدِیم سے قائِم ہے۔تُو ازل سے ہے۔

3 سَیلابوں نے اَے خُداوند!

سَیلابوں نے شور مچا رکھّا ہے۔سَیلاب مَوجزن ہیں۔

4 بحروں کی آواز سے۔

سمُندر کی زبردست مَوجوں سے بھی

خُداوند بُلند و قادِر ہے۔

5 تیری شہادتیں بِالکُل سچّی ہیں۔

اَے خُداوند!ابدُالآباد کے لِئے

قُدُّوسِیت تیرے گھر کو زیبا ہے۔

زبُو 94

خُدا سب کا اِنصاف کرنے والا ہے

1 اَے خُداوند! اَے اِنتقام لینے والے خُدا!

اَے اِنتقام لینے والے خُدا! جلوہ گر ہو۔

2 اَے جہان کا اِنصاف کرنے والے! اُٹھ۔

مغرُوروں کو بدلہ دے۔

3 اَے خُداوند! شرِیر کب تک۔

شرِیر کب تک شادیانہ بجایا کریں گے؟

4 وہ بکواس کرتے اور بڑا بول بولتے ہیں۔

سب بدکردار لاف زنی کرتے ہیں۔

5 اَے خُداوند! وہ تیرے لوگوں کو پِیسے ڈالتے ہیں

اور تیری مِیراث کو دُکھ دیتے ہیں۔

6 وہ بیوہ اور پردیسی کو قتل کرتے

اور یتِیم کو مار ڈالتے ہیں

7 اور کہتے ہیں کہ خُداوند نہیں دیکھے گا

اور یعقُوب کا خُدا خیال نہیں کرے گا۔

8 اَے قَوم کے حَیوانو! ذرا خیال کرو!

اَے احمقو! تُمہیں کب عقل آئے گی؟

9 جِس نے کان دِیا کیا وہ خُود نہیں سُنتا؟

جِس نے آنکھ بنائی کیا وہ دیکھ نہیں سکتا ؟

10 کیا وہ جو قَوموں کو تنبِیہ کرتا ہے

اور اِنسان کو دانِش سِکھاتا ہے سزا نہ دے گا؟

11 خُداوند اِنسان کے خیالوں کو جانتا ہے

کہ وہ باطِل ہیں۔

12 اَے خُداوند! مُبارک ہے وہ آدمی جِسے تُو تنبِیہ کرتا

اور اپنی شرِیعت کی تعلِیم دیتا ہے۔

13 تاکہ اُس کو مُصِیبت کے دِنوں میں آرام بخشے۔

جب تک شرِیر کے لِئے گڑھا نہ کھودا جائے۔

14 کیونکہ خُداوند اپنے لوگوں کو ترک نہیں کرے گا

اور وہ اپنی مِیراث کو نہیں چھوڑے گا۔

15 کیونکہ عدل صداقت کی طرف رجُوع کرے گا

اور سب راست دِل اُس کی پَیروی کریں گے۔

16 شرِیروں کے مُقابلہ میں کَون میرے لِئے اُٹھے گا ؟

بدکرداروں کے خِلاف کَون میرے لِئے کھڑا ہوگا؟

17 اگر خُداوند میرا مددگار نہ ہوتا۔

تو میری جان کب کی عالمِ خاموشی میں جا بسی ہوتی۔

18 جب مَیں نے کہا میرا پاؤں پِھسل چلا

تو اَے خُداوند! تیری شفقت نے مُجھے سنبھال لِیا۔

19 جب میرے دِل میں فِکروں کی کثرت ہوتی ہے

تو تیری تسلّی میری جان کو شاد کرتی ہے۔

20 کیا شرارت کے تخت سے تُجھے کُچھ واسطہ ہو گا

جو قانُون کی آڑ میں بدی گھڑتا ہے؟

21 وہ صادِق کی جان لینے کو اِکٹھے ہوتے ہیں

اور بے گُناہ پر قتل کا فتویٰ دیتے ہیں ۔

22 لیکن خُداوند میرا اُونچا بُرج

اور میرا خُدا میری پناہ کی چٹان رہا ہے۔

23 وہ اُن کی بدکاری اُن ہی پر لائے گا

اور اُن ہی کی شرارت میں اُن کو کاٹ ڈالے گا۔

خُداوند ہمارا خُدا اُن کو کاٹ ڈالے گا۔

زبُو 95

حمد و ثنا کا گِیت

1 آؤ ہم خُداوند کے حضُور نغمہ سرائی کریں!

اپنی نجات کی چٹان کے سامنے خُوشی سے للکار یں ۔

2 شُکرگُذاری کرتے ہُوئے اُس کے حضُور میں

حاضِر ہوں ۔

مزمُور گاتے ہُوئے اُس کے آگے خُوشی سے للکاریں۔

3 کیونکہ خُداوند خُدایِ عظِیم ہے

اور سب اِلہٰوں پر شاہِ عظِیم ہے۔

4 زمِین کے گہراؤ اُس کے قبضہ میں ہیں۔

پہاڑوں کی چوٹِیاں بھی اُسی کی ہیں۔

5 سمُندر اُس کا ہے ۔ اُسی نے اُس کو بنایا

اور اُسی کے ہاتھوں نے خُشکی کو بھی تیّار کِیا۔

6 آؤ ہم جُھکیں اور سِجدہ کریں!

اور اپنے خالق خُداوند کے حضُور گُھٹنے ٹیکیں۔

7 کیونکہ وہ ہمارا خُدا ہے

اور ہم اُس کی چراگاہ کے لوگ اور اُس کے ہاتھ کی

بھیڑیں ہیں۔

کاش کہ آج کے دِن تُم اُس کی آواز سُنتے!

8 تُم اپنے دِل کو سخت نہ کرو جَیسا مرِیبہ میں

جَیسا مسّاہ کے دِن بیابان میں کِیا تھا۔

9 اُس وقت تُمہارے باپ دادا نے مُجھے آزمایا

اور میرا اِمتحان کِیا اور میرے کام کو بھی دیکھا۔

10 چالِیس برس تک مَیں اُس نسل سے بیزار رہا

اور مَیں نے کہا کہ یہ وہ لوگ ہیں جِن کے دِل آوارہ ہیں

اور اُنہوں نے میری راہوں کو نہیں پہچانا۔

11 چُنانچہ مَیں نے اپنے غضب میں قَسم کھائی

کہ یہ لوگ میرے آرام میں داخِل نہ ہوں گے ۔

زبُو 96

خُدا سب سے بڑا بادشاہ ہے

1 خُداوند کے حضُور نیا گِیت گاؤ۔

اَے سب اہلِ زمِین! خُداوند کے حضُور گاؤ۔

2 خُداوند کے حضُور گاؤ ۔ اُس کے نام کو مُبارک کہو۔

روزبروز اُس کی نجات کی بشارت دو۔

3 قَوموں میں اُس کے جلال کا۔

سب لوگوں میں اُس کے عجائِب کا بیان کرو۔

4 کیونکہ خُداوند بزُرگ اور نِہایت سِتایش کے لائِق ہے۔

وہ سب معبُودوں سے زِیادہ تعظِیم کے لائِق ہے ۔

5 اِس لِئے کہ اَور قَوموں کے سب معبُود محض بُت ہیں

لیکن خُداوند نے آسمانوں کو بنایا۔

6 عظمت اور جلال اُس کے حضُور میں ہیں۔

قُدرت اور جمال اُس کے مَقدِس میں۔

7 اَے قَوموں کے قبِیلو! خُداوند کی۔

خُداوند ہی کی تمجِید و تعظِیم کرو۔

8 خُداوند کی اَیسی تمجِید کرو جو اُس کے نام کے شایان ہے۔

ہدیہ لاؤ اور اُس کی بارگاہوں میں آؤ۔

9 پاک آرایش کے ساتھ خُداوند کو سِجدہ کرو۔

اَے سب اہلِ زمِین! اُس کے حضُور کانپتے رہو ۔

10 قَوموں میں اِعلان کرو کہ خُداوند سلطنت کرتا ہے ۔

جہان قائِم ہے اور اُسے جُنبش نہیں۔

وہ راستی سے قَوموں کی عدالت کرے گا۔

11 آسمان خُوشی منائے اور زمِین شادمان ہو۔

سمُندر اور اُس کی معمُوری شور مچائیں۔

12 مَیدان اور جو کُچھ اُس میں ہے باغ باغ ہوں۔

تب جنگل کے سب درخت خُوشی سے گانے

لگیں ں گگے۔

13 خُداوند کے حضُور ۔ کیونکہ وہ آ رہا ہے۔

وہ زمِین کی عدالت کرنے کو آ رہا ہے۔

وہ صداقت سے جہان کی

اور اپنی سچّائی سے قَوموں کی عدالت کرے گا۔

زبُو 97

خُدا سب سے اعلےٰ فرمانروا ہے

1 خُداوند سلطنت کرتا ہے ۔ زمِین شادمان ہو۔

بے شُمار جزِیرے خُوشی منائیں۔

2 بادل اور تارِیکی اُس کے اِردگِرد ہیں۔

صداقت اور عدل اُس کے تخت کی بُنیاد ہیں۔

3 آگ اُس کے آگے آگے چلتی ہے

اور چاروں طرف اُس کے مُخالِفوں کو بھسم کر دیتی ہے۔

4 اُس کی بِجلیوں نے جہان کو رَوشن کر دِیا۔

زمِین نے دیکھا اور کانپ گئی۔

5 خُداوند کے حضُور پہاڑ موم کی طرح پِگھل گئے۔

یعنی ساری زمِین کے خُداوند کے حضُور۔

6 آسمان اُس کی صداقت ظاہِر کرتا ہے۔

سب قَوموں نے اُس کا جلال دیکھا ہے۔

7 کُھدی ہُوئی مُورتوں کے سب پُوجنے والے

جو بُتوں پر فخر کرتے ہیں شرمِندہ ہوں۔

اَے معبُودو!سب اُس کو سِجدہ کرو۔

8 اَے خُداوند!صِیُّون نے سُنا اور خُوش ہُوئی

اور یہُوداہ کی بیٹیاں تیرے احکام سے

شادمان ہُوئِیں۔

9 کیونکہ اَے خُداوند! تُو تمام زمِین پر بُلند و بالاہے۔

تُو سب معبُودوں سے نِہایت اعلیٰ ہے۔

10 اَے خُداوند سے مُحبّت رکھنے والو! بدی سے

نفرت کرو۔

وہ اپنے مُقدّسوں کی جانوں کو محفُوظ رکھتا ہے۔

وہ اُن کو شرِیروں کے ہاتھ سے چُھڑاتا ہے۔

11 صادِقوں کے لِئے نُور بویا گیا ہے

اور راست دِلوں کے لِئے خُوشی۔

12 اَے صادِقو! خُداوند میں خُوش رہو

اور اُس کے پاک نام کا شُکر کرو۔

زبُو 98

خُدا دُنیا کا فرمانروا ہے

مزمُور۔

1 خُداوند کے حضُور نیا گِیت گاؤ

کیونکہ اُس نے عجِیب کام کِئے ہیں۔

اُس کے دہنے ہاتھ اور اُس کے مُقدّس بازُو

نے اُس کے لِئے فتح حاصِل کی ہے۔

2 خُداوند نے اپنی نجات ظاہِر کی ہے۔

اُس نے اپنی صداقت قَوموں کے سامنے نمایاں کی ہے۔

3 اُس نے اِسرائیل کے گھرانے کے حق میں اپنی

شفقت و وفاداری یاد کی ہے۔

اِنتہایِ زمِین کے لوگوں نے ہمارے خُدا کی نجات

دیکھی ہے۔

4 اَے تمام اہلِ زمِین! خُداوند کے حضُور خُوشی کا نعرہ مارو

للکارو اور خُوشی سے گاؤ اور مدح سرائی کرو۔

5 خُداوند کی سِتایش سِتار پر کرو۔

سِتار اور سُرِیلی آواز سے۔

6 نرسِنگے اور قرنا کی آواز سے

بادشاہ یعنی خُداوند کے حضُور خُوشی کا نعرہ مارو۔

7 سمُندر اور اُس کی معمُوری شور مچائیں

اور جہان اور اُس کے باشِندے۔

8 سَیلاب تالِیاں بجائیں۔

پہاڑِیاں مِل کر خُوشی سے گائیں۔

9 خُداوند کے حضُور ۔ کیونکہ وہ زمِین کی عدالت

کرنے آ رہا ہے۔

وہ صداقت سے جہان کی

اور راستی سے قَوموں کی عدالت کرے گا۔

زبُو 99

خُداسب سے بڑا بادشاہ ہے

1 خُداوند سلطنت کرتا ہے ۔ قَومیں کانپیں۔

وہ کرُّوبیوں پر بَیٹھتا ہے ۔ زمِین لرزے۔

2 خُداوند صِیُّون میں بزُرگ ہے

اور وہ سب قَوموں پر بُلند و بالا ہے۔

3 وہ تیرے بزُرگ اور مُہِیب نام کی تعرِیف کریں۔

وہ قُدُّوس ہے۔

4 بادشاہ کی قُوّت اِنصاف پسند ہے۔

تُو راستی کو قائِم کرتا ہے۔

تُو ہی نے عدل اور صداقت کو یعقُوب میں رائِج کِیا ۔

5 تُم خُداوند ہمارے خُدا کی تمجِید کرو۔

اور اُس کے پاؤں کی چَوکی پر سِجدہ کرو۔وہ قُدُّوس ہے۔

6 اُس کے کاہِنوں میں سے مُوسیٰ اور ہارُون نے

اور اُس کا نام لینے والوں میں سے سموئیل نے

خُداوند سے دُعا کی اور اُس نے اُن کو جواب دِیا ۔

7 اُس نے بادل کے سُتُون میں سے اُن سے کلام کِیا۔

اُنہوں نے اُس کی شہادتوں کو اور اُس آئِین کو

جو اُس نے اُن کو دِیا تھا مانا۔

8 اَے خُداوند ہمارے خُدا! تُو اُن کو جواب دیتا تھا۔

تُو وہ خُدا ہے جو اُن کو مُعاف کرتا رہا۔

اگرچہ تُو نے اُن کے اعمال کا بدلہ بھی دِیا۔

9 تُم خُداوند ہمارے خُدا کی تمجِید کرو

اور اُس کے مُقدّس پہاڑ پر سِجدہ کرو۔

کیونکہ خُداوند ہمارا خُدا قُدُّوس ہے۔