زبُو 60

رہائی کے لِئے اِلتجا

مِیر مُغنّی کے لِئے تعلِیم کے لِئے داؤُد کا مِکتام۔ سوسن

عیدُوت کے سُر پر اُس وقت کا جب وہ مسوپتامیہ اور

اَرامِ ضوباہ سے لڑا اور یوآب نے لَوٹ کروادیِ شور

میں بارہ ہزار ادُومِیوں کو مارا۔

1 اَے خُدا! تُو نے ہمیں ردّ کِیا۔ تُو نے ہمیں شِکستہ

حال کر دِیا۔

تُو ناراض رہا ہے ۔ ہمیں پِھر بحال کر۔

2 تُو نے زمِین کو لرزا دِیا ۔ تُو نے اُسے پھاڑ ڈالاہے۔

اُس کے رخنے بند کر دے کیونکہ وہ لرزان ہے۔

3 تُو نے اپنے لوگوں کو سختِیاں دِکھائیں۔

تُو نے ہم کو لڑکھڑا دینے والی مَے پِلائی۔

4 جو تُجھ سے ڈرتے ہیں تُو نے اُن کو ایک جھنڈا

دِیا ہے۔

تاکہ وہ حق کی خاطر بُلند کِیا جائے ۔(سِلاہ)

5 اپنے دہنے ہاتھ سے بچا اور ہمیں جواب دے۔

تاکہ تیرے محبُوب بچائے جائیں۔

6 خُدا نے اپنی قُدُّوسِیّت میں فرمایا ہے مَیں خُوشی

کرُوں گا۔

مَیں سِکم کو تقسیم کرُوں گا اور سُکّات کی وادی کو

بانٹُوں گا۔

7 جِلعاد میرا ہے مَنسّی بھی میرا ہے۔

افرائِیم میرے سر کا خود ہے۔

یہُودا ہ میرا عصا ہے۔

8 موآ ب میری چلپچی ہے۔

ادُو م پر مَیں جُوتا پھینکُوں گا۔

اَے فِلستِین ! میرے سبب سے للکار۔

9 مُجھے اُس مُحکم شہر میں کَون پُہنچائے گا؟

کَون مُجھے ادُو م تک لے گیا ہے؟

10 اَے خُدا! کیا تُو نے ہمیں ردّ نہیں کر دِیا؟

اَے خُدا! تُو ہمارے لشکروں کے ساتھ نہیں جاتا ۔

11 مُخالِف کے مُقابلہ میں ہماری کُمک کر

کیونکہ اِنسانی مدد عبث ہے ۔

12 خُدا کی مدد سے ہم بہادری کریں گے

کیونکہ وُہی ہمارے مُخالِفوں کو پامال کرے گا۔

زبُو 61

مُحافظت کے لِئے درخواست

مِیر مُغنّی کے لِئے تاردار ساز کے ساتھ داؤُد کا مزمُور۔

1 اَے خُدا میری فریاد سُن !

میری دُعا پر توجُّہ کر۔

2 مَیں اپنی افسُردہ دِلی میں زمِین کی اِنتِہا سے تُجھے

پُکارُوں گا۔

تُو مُجھے اُس چٹان پر لے چل جو مُجھ سے اُونچی ہے

3 کیونکہ تُو میری پناہ رہا ہے

اور دُشمن سے بچنے کے لِئے اُونچا بُرج۔

4 مَیں ہمیشہ تیرے خَیمہ میں رہُوں گا۔

مَیں تیرے پروں کے سایہ میں پناہ لُوں گا ۔ (سِلاہ)

5 کیونکہ اَے خُدا تُو نے میری مَنّتیں قبُول کی ہیں۔

تُو نے مُجھے اُن لوگوں کی سی مِیراث بخشی ہے جو

تیرے نام سے ڈرتے ہیں۔

6 تُو بادشاہ کی عُمر دراز کرے گا۔

اُس کی عُمر بُہت سی پُشتوں کے برابر ہو گی۔

7 وہ خُدا کے حضُور ہمیشہ قائِم رہے گا۔

تُو شفقت اور سچّائی کو اُس کی حِفاظت کے لِئے

مُہیّاکر۔

8 یُوں مَیں ہمیشہ تیری مدح سرائی کرُوں گا

تاکہ روزانہ اپنی مَنّتیں پُوری کرُوں۔

زبُو 62

خُدا کی مُحافظت پر اِعتماد

مِیر مُغنّی کے لِئے یدُوتون کے طَور پر داؤُد کا مزمُور۔

1 میری جان کو خُدا ہی کی آس ہے۔

میری نجات اُسی سے ہے۔

2 وُہی اکیلا میری چٹان اور میری نجات ہے۔

وُہی میرا اُونچا بُرج ہے ۔ مُجھے زِیادہ جُنبِش

نہ ہو گی ۔

3 تُم کب تک اَیسے شخص پر حملہ کرتے رہو گے

جو جُھکی ہُوئی دِیوار اور ہِلتی باڑ کی مانِند ہے

تاکہ سب مِل کر اُسے قتل کرو؟

4 وہ اُس کو اُس کے مرتبہ سے گِرا دینے ہی کا مشوَرہ

کرتے رہتے ہیں۔

وہ جُھوٹ سے خُوش ہوتے ہیں۔

وہ اپنے مُنہ سے تو برکت دیتے ہیں پر دِل میں

لَعنت کرتے ہیں ۔(سِلاہ)

5 اَے میری جان! خُدا ہی کی آس رکھ

کیونکہ اُسی سے مُجھے اُمّید ہے۔

6 وُہی اکیلا میری چٹان اور میری نجات ہے۔

وُہی میرا اُونچا بُرج ہے ۔ مُجھے جُنبِش نہ ہو گی۔

7 میری نجات اور میری شَوکت خُدا کی طرف سے ہے۔

خُدا ہی میری قُوّت کی چٹان اور میری پناہ ہے۔

8 اَے لوگو! ہر وقت اُس پر توکُّل کرو۔

اپنے دِل کا حال اُس کے سامنے کھول دو۔

خُدا ہماری پناہ گاہ ہے ۔(سِلاہ)

9 یقِیناً ادنیٰ لوگ بے ثبات ہیں اور اعلیٰ آدمی جُھوٹے ۔

وہ ترازُو میں ہلکے نِکلیں گے۔

وہ سب کے سب بے ثباتی سے بھی ہیچ ہیں۔

10 ظُلم پر تکیہ نہ کرو۔

لُوٹ مار کرنے پر نہ پُھولو۔

اگر مال بڑھ جائے تو اُس پر دِل نہ لگاؤ۔

11 خُدا نے ایک بار فرمایا۔

مَیں نے یہ دو بار سُنا

کہ قُدرت خُدا ہی کی ہے۔

12 شفقت بھی اَے خُداوند! تیری ہی ہے

کیونکہ تُو ہر شخص کو اُس کے عمل کے مُطابِق بدلہ

دیتاہے۔

زبُو 63

خُداکے لِئے اِشتیاق

داؤُد کا مزمُور۔ جب وہ دشتِ یہُوداہ میں تھا۔

1 اَے خُدا! تُو میرا خُدا ہے ۔ مَیں دِل سے تیرا

طالِب ہُوں گا۔

خُشک اور پیاسی زمِین میں جہاں پانی نہیں

میری جان تیری پِیاسی اور میرا جِسم تیرا

مُشتاق ہے۔

2 اِس طرح مَیں نے مَقدِس میں تُجھ پر نِگاہ کی

تاکہ تیری قُدرت اور حشمت کو دیکُھوں

3 کیونکہ تیری شفقت زِندگی سے بہتر ہے۔

میرے ہونٹ تیری تعرِیف کریں گے۔

4 اِسی طرح مَیں عُمر بھر تُجھے مُبارک کہُوں گا

اور تیرا نام لے کر اپنے ہاتھ اُٹھایا کرُوں گا۔

5 میری جان گویا گُودے اور چربی سے سیر ہو گی

اور میرا مُنہ مسرُور لبوں سے تیری تعرِیف کرے گا

6 جب مَیں بِستر پر تُجھے یاد کرُوں گا

اور رات کے ایک ایک پہر میں تُجھ پر دِھیان

کرُوں گا

7 اِس لِئے کہ تُو میرا مددگار رہاہے

اور مَیں تیرے پروں کے سایہ میں خُوشی مناؤُں گا ۔

8 میری جان کو تیری ہی دُھن ہے۔

تیرا دہنا ہاتھ مُجھے سنبھالتا ہے

9 پر جو میری جان کی ہلاکت کے درپَے ہیں

وہ زمِین کے اسفل میں چلے جا ئیں گے۔

10 وہ تلوار کے حوالہ ہوں گے۔

وہ گیدڑوں کا لُقمہ بنیں گے

11 لیکن بادشاہ خُدا میں شادمان ہو گا۔

جو اُس کی قَسم کھاتا ہے وہ فخر کرے گا

کیونکہ جُھوٹ بولنے والوں کا مُنہ بند کر دِیا جائے گا۔

زبُو 64

مُحافظت کے لِئے درخواست

مِیر مُغنّی کے لِئے داؤُد کا مزمُور۔

1 اَے خُدا!میری فریاد کی آواز سُن لے۔

میری جان کو دُشمن کے خَوف سے بچائے رکھ۔

2 شرِیروں کے خُفیہ مشوَرہ سے

اور بدکرداروں کے ہنگامہ سے مُجھے چُھپا لے

3 جِنہوں نے اپنی زُبان تلوار کی طرح تیز کی

اور تلخ باتوں کے تِیروں کا نشانہ لِیا ہے

4 تاکہ اُن کو خُفیہ مقاموں میں کامِل آدمی پر چلائیں ۔

وہ اُن کو ناگہان اُس پر چلاتے ہیں اور

ڈرتے نہیں۔

5 وہ بُرے کام کامُصمّم اِرادہ کرتے ہیں۔

وہ پھندے لگانے کی صلاح کرتے ہیں۔

وہ کہتے ہیں ہم کوکَون دیکھے گا؟

6 وہ شرارتوں کو کھوج کھوج کر نِکالتے ہیں۔

وہ کہتے ہیں ہم نے خُوب کھوج لگایا۔

اُن میں سے ہر ایک کا باطِن اور دِل عمِیق ہے ۔

7 لیکن خُدا اُن پر تِیر چلائے گا۔

وہ ناگہان تِیر سے زخمی ہو جائیں گے

8 اور اُن ہی کی زُبان اُن کو تباہ کرے گی۔

جِتنے اُن کو دیکھیں گے سب سر ہِلائیں گے

9 اور سب لوگ ڈر جائیں گے

اور خُدا کے کام کا بیان کریں گے

اور اُس کے طریقِ عمل کو بخُوبی سمجھ لیں گے۔

10 صادِق خُداوند میں شادمان ہو گا اور اُس پر توکُّل

کرے گا

اور جِتنے راست دِل ہیں سب فخر کریں گے۔

زبُو 65

سِتایش اور شُکرگُذاری

مِیر مُغنّی کے لِئے مزمُور۔ داؤُد کا گِیت۔

1 اَے خُدا! صِیُّون میں تعرِیف تیری مُنتظِر ہے

اور تیرے لِئے مَنّت پُوری کی جائے گی۔

2 اَے دُعا کے سُننے والے !

سب بشر تیرے پاس آئیں گے۔

3 بد اعمال مُجھ پر غالِب آ جاتے ہیں

پر ہماری خطاؤں کا کفّارہ تُو ہی دے گا۔

4 مُبارک ہے وہ آدمی جِسے تُو برگُزِیدہ کرتا اور اپنے

پاس آنے دیتا ہے

تاکہ وہ تیری بارگاہوں میں رہے ۔

ہم تیرے گھر کی خُوبی سے

یعنی تیری مُقدّس ہَیکل سے آسُودہ ہوں گے ۔

5 اَے ہمارے نجات دینے والے خُدا!

تُو جو زمِین کے سب کناروں کا

اور سمُندر پر دُور دُور رہنے والوں کا تکیہ ہے !

خَوفناک باتوں کے ذرِیعہ سے تُو ہمیں صداقت

سے جواب د ے گا

6 تُو قُدرت سے کمر بستہ ہو کر

اپنی قُوّت سے پہاڑوں کو اِستحکام بخشتا ہے ۔

7 تُو سمُندر کے اور اُس کی مَوجوں کے شور کو

اور اُمّتوں کے ہنگامہ کو مَوقُوف کر دیتا ہے۔

8 زمِین کی اِنتِہا کے رہنے والے تیرے مُعجزوں سے

ڈ ر تے ہیں ۔

تُو مطلعِ صُبح کو اور شام کو شادمانی بخشتا ہے۔

9 تُو زمِین پر توجُّہ کر کے اُسے سیراب کرتا ہے۔

تُو اُسے خُوب مالا مال کر دیتا ہے۔

خُدا کا دریا پانی سے بھرا ہے ۔

جب تُو زمِین کو یُوں تیّار کر لیتا ہے تو اُن کے

لِئے اناج مُہیّا کر تا ہے۔

10 تُو اُس کی ریگھارِیوں کو خُوب سیراب کرتا

اور اُس کی مینڈوں کو بِٹھا دیتا ہے۔

تُو اُسے بارِش سے نرم کرتا ہے

اور اُس کی پَیداوار میں برکت دیتا ہے۔

11 تُو سال کو اپنے لُطف کا تاج پہناتا ہے

اور تیری راہوں سے رَوغن ٹپکتا ہے۔

12 وہ بِیابان کی چراگاہوں پر ٹپکتا ہے

اور پہاڑِیاں خُوشی سے کمربستہ ہیں۔

13 چراگاہوں میں جُھنڈ کے جُھنڈ پَھیلے ہُوئے ہیں ۔

وادِیاں اناج سے ڈھکی ہُوئی ہیں۔

وہ خُوشی کے مارے للکارتی اور گاتی ہیں۔

زبُو 66

سِتایش اور شُکر گُذاری کاگِیت

مِیر مُغنّی کے لِئے گِیت یعنی مزمُور۔

1 اَے ساری زمِین! خُدا کے حضُور خُوشی کا نعرہ مار۔

2 اُس کے نام کے جلال کا گِیت گاؤ۔

سِتایش کرتے ہُوئے اُس کی تمِجید کرو۔

3 خُدا سے کہو تیرے کام کیا ہی مُہِیب ہیں!

تیری بڑی قُدرت کے باعِث تیرے دُشمن

عاجِزی کریں گے۔

4 ساری زمِین تُجھے سِجدہ کرے گی

اور تیرے حضُور گائے گی۔

وہ تیرے نام کے گِیت گائیں گے ۔(سِلاہ)

5 آؤ اور خُدا کے کاموں کو دیکھو۔

بنی آدم کے ساتھ وہ اپنے سلُوک میں مُہِیب ہے ۔

6 اُس نے سمُندر کو خُشک زمِین بنا دِیا۔

وہ دریا میں سے پَیدل گُذر گئے۔

وہاں ہم نے اُس میں خُوشی منائی۔

7 وہ اپنی قُدرت سے ابد تک سلطنت کرے گا۔

اُس کی آنکھیں قَوموں کو دیکھتی رہتی ہیں۔

سرکش لوگ تکبُّر نہ کریں ۔(سِلاہ)

8 اَے لوگو! ہمارے خُدا کو مُبارک کہو

اور اُس کی تعرِیف میں آواز بُلند کرو۔

9 وُہی ہماری جان کو زِندہ رکھتا ہے

اور ہمارے پاؤں کو پِھسلنے نہیں دیتا۔

10 کیونکہ اَے خُدا! تُو نے ہمیں آزما لِیا ہے۔

تُو نے ہمیں اَیسا تایا جَیسے چاندی تائی جاتی ہے ۔

11 تُو نے ہمیں جال میں پھنسایا

اور ہماری کمر پر بھاری بوجھ رکھّا۔

12 تُو نے سواروں کو ہمارے سروں پر سے گُذارا۔

ہم آگ میں سے اور پانی میں سے ہو کر گُذرے

لیکن تُو ہم کو فراوانی کی جگہ میں نِکال لایا۔

13 مَیں سوختنی قُربانِیاں لے کر تیرے گھر میں داخِل

ہُوں گا۔

اور اپنی مَنّتیں تیرے حضُور ادا کرُوں گا۔

14 جو مُصِیبت کے وقت میرے لبوں سے نِکلیں

اور مَیں نے اپنے مُنہ سے مانیں۔

15 مَیں موٹے موٹے جانوروں کی سوختنی قُربانِیاں

مینڈھوں کی خُوشبُو کے ساتھ چڑھاؤُں گا۔

مَیں بَیل اور بکرے گُذرانُوں گا ۔(سِلاہ)

16 اَے خُدا سے ڈرنے والو! سب آؤ۔ سُنو

اور مَیں بتاؤُں گا کہ اُس نے میری جان کے لِئے

کیاکیا کِیا ہے۔

17 مَیں نے اپنے مُنہ سے اُس کو پُکارا۔

اُس کی تمجِید میری زُبان سے ہُوئی۔

18 اگر مَیں بدی کو اپنے دِل میں رکھتا

تو خُداوند میری نہ سُنتا

19 لیکن خُدا نے یقِیناً سُن لِیا ہے ۔

اُس نے میری دُعا کی آواز پر کان لگایا ہے۔

20 خُدا مُبارک ہو

جِس نے نہ تو میری دُعا کو ردّ کِیا

اور نہ اپنی شفقت کو مُجھ سے باز رکھّا ۔

زبُو 67

شُکر گُذاری کاگِیت

مِیر مُغنّی کے لِئے تاردار سازوں کے ساتھ مزمُور

یعنی گِیت۔

1 خُدا ہم پر رحم کرے اور ہم کو برکت بخشے

اور اپنے چہرہ کو ہم پر جلوہ گر فرمائے ۔(سِلاہ)

2 تاکہ تیری راہ زمِین پر ظاہِر ہو جائے

اور تیری نجات سب قَوموں پر۔

3 اَے خُدا! لوگ تیری تعرِیف کریں۔

سب لوگ تیری تعرِیف کریں۔

4 اُمّتیں خُوش ہوں اور خُوشی سے للکاریں

کیونکہ تُو راستی سے لوگوں کی عدالت کرے گا

اور زمِین کی اُمّتوں پر حُکومت کرے گا ۔ ( سِلا ہ )

5 اَے خُدا! لوگ تیری تعرِیف کریں۔

سب لوگ تیری تعرِیف کریں۔

6 زمِین نے اپنی پَیداوار دے دی۔

خُدا یعنی ہمارا خُدا ہم کو برکت دے گا۔

7 خُدا ہم کو برکت دے گا

اور زمِین کی اِنتہا تک سب لوگ اُس کا ڈر مانیں گے۔

زبُو 68

فتح مندی کا قومی نغمہ

مِیر مُغنّی کے لِئے داؤُد کا مزمُور یعنی گِیت۔

1 خُدا اُٹھے ۔ اُس کے دُشمن پراگندہ ہوں۔

اُس سے عداوت رکھنے والے اُس کے

سامنے سے بھاگ جائیں

2 جَیسے دُھواں اُڑ جاتا ہے وَیسے ہی تُو اُن کو اُڑادے ۔

جَیسے موم آگ کے سامنے پِگھل جاتا ہے

وَیسے ہی شرِیر خُدا کے حضُور فنا ہو جائیں

3 لیکن صادِق خُوشی منائیں ۔ وہ خُدا کے حضُور

شادمان ہوں

بلکہ وہ خُوشی سے پُھولے نہ سمائیں۔

4 خُدا کے لِئے گاؤ ۔ اُس کے نام کی مدح سرائی کرو ۔

صحرا کے سوار کے لِئے شاہراہ تیّار کرو۔

اُس کا نام یاہ ہے اور تُم اُس کے حضُور شادمان ہو ۔

5 خُدا اپنے مُقدّس مکان میں

یتیِموں کا باپ اور بیواؤں کا دادرس ہے۔

6 خُدا تنہا کو خاندان بخشتا ہے۔

وہ قَیدِیوں کو آزاد کر کے اِقبال مند کرتا ہے۔

لیکن سرکش خُشک زمِین میں رہتے ہیں۔

7 اَے خُدا! جب تُو اپنے لوگوں کے آگے آگے چلا ۔

جب تُو بِیابان میں سے گُذرا(سِلاہ)

8 تو زمِین کانپ اُٹھی۔

خُدا کے حضُور آسمان گِر پڑے۔

بلکہ کوہِ سِینا بھی خُدا کے حضُور ۔ اِسرائیل کے

خُدا کے حضُور کانپ اُٹھا۔

9 اَے خُدا تُو نے خُوب مینہ برسایا۔

تُو نے اپنی خُشک مِیراث کو تازگی بخشی۔

10 تیرے لوگ اُس میں بسنے لگے۔

اَے خُدا! تُو نے اپنے فَیض سے غرِیبوں کے

لِئے اُسے تیّار کِیا۔

11 خُداوند حُکم دیتا ہے۔

خُوش خبری دینے والِیاں فَوج کی فَوج ہیں۔

12 لشکروں کے بادشاہ بھاگتے ہیں ۔ وہ بھاگ

جاتے ہیں

اور عَورت گھر میں بَیٹھی بَیٹھی لُوٹ کا مال

بانٹتی ہے۔

13 جب تُم بھیڑ سالوں میں پڑے رہتے ہو

تو اُس کبُوتر کی مانِند ہو گے جِس کے بازُو گویا

چاندی سے

اور پَر خالِص سونے سے منڈھے ہُوئے ہوں ۔

14 جب قادرِ مُطلِق نے بادشاہوں کو اُس میں

پراگندہ کِیا

تو اَیسا حال ہو گیا گویاسلمون پر برف پڑ رہی تھی ۔

15 بسن کا پہاڑ خُدا کا پہاڑ ہے۔

بسن کا پہاڑ اُونچا پہاڑ ہے۔

16 اَے اُونچے پہاڑو! تُم اُس پہاڑ کو کیوں تاکتے ہو

جِسے خُدا نے اپنی سکُونت کے لِئے پسند کِیا ہے ؟

بلکہ خُداوند اُس میں ابد تک رہے گا۔

17 خُدا کے رتھ بِیس ہزار بلکہ ہزار ہا ہزار ہیں۔

خُداوند جَیسا کوہِ سِینا میں وَیسا ہی اُن کے

درمیان مَقدِس میں ہے۔

18 تُو نے عالمِ بالا کو صعُود فرمایا ۔ تُو قَیدِیوں کو ساتھ لے گیا۔

تُجھے لوگوں سے بلکہ سرکشوں سے بھی ہدیئے مِلے

تاکہ خُداوند خُدا اُن کے ساتھ رہے۔

19 خُداوند مُبارک ہو جو ہر روز ہمارا بوجھ اُٹھاتا ہے۔

وُہی ہمارا نجات دینے والا خُدا ہے ۔(سِلاہ)

20 خُدا ہمارے لِئے چُھڑانے والا خُدا ہے

اور مَوت سے بچنے کی راہیں بھی خُداوند خُدا کی ہیں۔

21 لیکن خُداوند اپنے دُشمنوں کے سر کو

اور مُتواتِر گُناہ کرنے والے کی بال دار کھوپڑی

کوچِیر ڈالے گا۔

22 خُداوند نے فرمایا مَیں اُن کو بسن سے نِکال لاؤُں گا۔

مَیں اُن کو سمُندر کی تہہ سے نِکال لاؤُں گا

23 تاکہ تُو اپنا پاؤں خُون سے تر کرے۔

اور تیرے دُشمن تیرے کُتّوں کے مُنہ کا نوالہ بنیں ۔

24 اَے خُدا! لوگوں نے تیری آمد دیکھی۔

مَقدِس میں میرے خُدا میرے بادشاہ کی آمد۔

25 گانے والے آگے آگے اور بجانے والے پِیچھے

پِیچھے چلے۔

دف بجانے والی جوان لڑکیاں بِیچ میں۔

26 تُم جو اِسرائیل کے چشمہ سے ہو خُداوند کو مُبارک کہو۔

ہاں مجمع میں خُدا کو مُبارک کہو۔

27 وہاں چھوٹا بِنیمِین اُن کا حاکِم ہے۔

یہُوداہ کے اُمرا اور اُن کے مُشِیر۔

زبُولُون کے اُمرا اور نفتالی کے اُمرا ہیں۔

28 تیرے خُدا نے تیری پائیداری کا حُکم دِیا ہے۔

اَے خُدا! جو کُچھ تُو نے ہمارے لِئے کِیا ہے

اُسے پائیداری بخش۔

29 تیری ہَیکل کے سبب سے جو یروشلِیم میں ہے

بادشاہ تیرے پاس ہدئیے لائیں گے۔

30 تُو نَیستان کے جنگلی جانوروں کو دھمکا دے۔

سانڈوں کے غول کو اور قَوموں کے بچھڑوں کو

جو چاندی کے سِکّوں کو پامال کرتے ہیں۔

اُس نے جنگجُو قَوموں کو پراگندہ کر دِیا ہے۔

31 اُمرا مِصر سے آئیں گے۔

کُوش خُدا کی طرف اپنے ہاتھ بڑھانے میں

جلدی کرے گا۔

32 اَے زمِین کی مملکتو! خُدا کے لِئے گاؤ۔

خُداوند کی مدح سرائی کرو ۔(سِلاہ)

33 اُس کی جو قدِیم فلکُ الافلاک پر سوار ہے۔

دیکھو! وہ اپنی آواز بُلند کرتا ہے ۔ اُس کی آواز

میں قُدرت ہے۔

34 خُدا ہی کی تعظِیم کرو۔

اُس کی حشمت اِسرائیل میں ہے

اور اُس کی قُدرت افلاک پر۔

35 اَے خُدا! تُو اپنے مَقدِسوں میں مُہِیب ہے۔

اِسرائیل کا خُدا ہی اپنے لوگوں کو زور اور توانائی

بخشتا ہے۔خُدا مُبارک ہو۔

زبُو 69

مدد کے لِئے پُکار

میر مُغنّی کے لِئے شوشنِیم کے سُر پر داؤُد کا مزمُور۔

1 اَے خُدا! مُجھ کو بچا لے۔

کیونکہ پانی میری جان تک آ پُہنچا ہے۔

2 مَیں گہری دلدل میں دھسا جاتا ہُوں جہاں کھڑا

نہیں رہا جاتا۔

مَیں گہرے پانی میں آ پڑا ہُوں جہاں سَیلاب

میرے سرپر سے گُذرتے ہیں۔

3 مَیں چِلّاتے چِلّاتے تھک گیا ۔ میرا گلا سُوکھ گیا۔

میری آنکھیں اپنے خُدا کے اِنتظار میں پتھرا گئِیں۔

4 مُجھ سے بے سبب عداوت رکھنے والے میرے سر

کے بالوں سے زِیادہ ہیں۔

میری ہلاکت کے خواہاں اور ناحق دُشمن

زبردست ہیں

پس جو مَیں نے چِھینا نہیں مُجھے دینا پڑا۔

5 اَے خُدا! تُو میری حماقت سے واقِف ہے

اور میرے گُناہ تُجھ سے پوشِیدہ نہیں ہیں۔

6 اَے خُداوند لشکروں کے خُدا! تیری آس رکھنے والے

میرے سبب سے شرمِندہ نہ ہوں۔

اَے اِسرائیل کے خُدا! تیرے طالِب میرے

سبب سے رُسوانہ ہوں۔

7 کیونکہ تیرے نام کی خاطِر مَیں نے ملامت

اُٹھائی ہے۔

شرمِندگی میرے مُنہ پر چھا گئی ہے۔

8 مَیں اپنے بھائیوں کے نزدِیک بیگانہ بنا ہُوں

اور اپنی ماں کے فرزندوں کے نزدِیک اجنبی

9 کیونکہ تیرے گھر کی غَیرت مُجھے کھا گئی

اور تُجھ کو ملامت کرنے والوں کی ملامتیں مُجھ پر

آ پڑیں۔

10 میرے روزہ رکھنے سے میری جان نے زاری کی

اور یہ بھی میری ملامت کا باعِث ہُؤا۔

11 جب مَیں نے ٹاٹ اوڑھا

تو اُن کے لِئے ضربُ المثل ٹھہرا۔

12 پھاٹک پر بَیٹھنے والوں میں میرا ہی ذِکر رہتا ہے

اور مَیں نشہ بازوں کا گِیت ہُوں۔

13 لیکن اَے خُداوند تیری خُوشنُودی کے وقت میری

دُعاتُجھ ہی سے ہے۔

اَے خُدا! اپنی شفقت کی فراوانی سے

اپنی نجات کی سچّائی میں جواب دے۔

14 مُجھے دلدل میں سے نِکال لے اور دھسنے نہ دے۔

مُجھ سے عداوت رکھنے والوں اور گہرے پانی سے

مُجھے بچا لے۔

15 مَیں سَیلاب میں ڈُوب نہ جاؤُں

اور گہراؤ مُجھے نِگل نہ جائے

اور پاتال مُجھ پر اپنا مُنہ بند نہ کر لے۔

16 اَے خُداوند! مُجھے جواب دے کیونکہ تیری شفقت

خُوب ہے۔

اپنی رحمتوں کی کثرت کے مُطابِق میری طرف

متوجُّہ ہو۔

17 اپنے بندہ سے رُوپوشی نہ کر

کیونکہ مَیں مُصِیبت میں ہُوں ۔ جلد مُجھے

جواب دے۔

18 میری جان کے پاس آ کر اُسے چُھڑا لے۔

میرے دُشمنوں کے رُوبرُو میرا فِدیہ دے۔

19 تُو میری ملامت اور شرمِندگی اور رُسوائی سے واقِف ہے۔

میرے دُشمن سب کے سب تیرے سامنے ہیں ۔

20 ملامت نے میرا دِل توڑ دِیا ۔ مَیں بُہت اُداس ہُوں

اور مَیں اِسی اِنتظار میں رہا کہ کوئی ترس کھائے

پر کوئی نہ تھا

اور تسلّی دینے والوں کا مُنتظِر رہا پر کوئی نہ مِلا۔

21 اُنہوں نے مُجھے کھانے کو اِندراین بھی دِیا

اور میری پیاس بُجھانے کو اُنہوں نے مُجھے

سِرکہ پِلایا ۔

22 اُن کا دسترخوان اُن کے لِئے پھندا ہو جائے

اور جب وہ امن سے ہوں تو جال بن جائے۔

23 اُن کی آنکھیں تارِیک ہو جائیں تاکہ وہ دیکھ

نہ سکیں

اور اُن کی کمریں ہمیشہ کانپتی رہیں۔

24 اپنا غضب اُن پر اُنڈیل دے

اور تیرا شدِید قہر اُن پر آ پڑے۔

25 اُن کا مسکن اُجڑ جائے۔

اُن کے خَیموں میں کوئی نہ بسے۔

26 کیونکہ وہ اُس کو جِسے تُو نے مارا ہے ستاتے ہیں۔

اور جِن کو تُو نے زخمی کِیا ہے اُن کے دُکھ کا چرچا

کرتے ہیں۔

27 اُن کے گُناہ پر گُناہ بڑھا

اور وہ تیری صداقت میں داخِل نہ ہوں۔

28 اُن کے نام کِتابِ حیات سے مِٹا دِئیے جائیں

اور صادِقوں کے ساتھ مندرج نہ ہوں۔

29 لیکن مَیں تو غرِیب اور غمگِین ہُوں۔

اَے خُدا! تیری نجات مُجھے سر بُلند کرے۔

30 مَیں گِیت گا کر خُدا کے نام کی تعرِیف کرُوں گا

اور شُکرگُذاری کے ساتھ اُس کی تمجِید کرُوں گا۔

31 یہ خُداوند کو بَیل سے زِیادہ پسند ہو گا

بلکہ سِینگ اور کُھر والے بچھڑے سے زِیادہ۔

32 حلِیم اِسے دیکھ کر خُوش ہُوئے ہیں۔

اَے خُدا کے طالِبو! تُمہارے دِل زِندہ رہیں

33 کیونکہ خُداوند مُحتاجوں کی سُنتا ہے

اور اپنے قَیدِیوں کو حقِیر نہیں جانتا۔

34 آسمان اور زمِین اُس کی تعرِیف کریں

اور سمُندر اور جو کُچھ اُن میں چلتا پِھرتا ہے

35 کیونکہ خُدا صِیُّون کو بچائے گا اور یہُوداہ کے

شہروں کو بنا ئے گا

اور وہ وہاں بسیں گے اور اُس کے وارِث

ہوں گے۔

36 اُس کے بندوں کی نسل بھی اُس کی مالِک ہو گی

اور اُس کے نام سے مُحبّت رکھنے والے اُس میں

بسیں گے ۔