زبُو 20

فتح یابی کے لِئے دُعا

مِیر مُغنّی کے لِئے داؤُد کا مزمُور ۔

1 مُصِیبت کے دِن خُداوند تیری سُنے ۔

یعقُو ب کے خُدا کا نام تُجھے بُلندی پر قائِم کرے !

2 وہ مَقدِس سے تیرے لِئے کُمک بھیجے

اور صِیُّون سے تُجھے تقوِیت بخشے!

3 وہ تیرے سب ہدیوں کو یاد رکھّے

اور تیری سوختنی قُربانی کو قبُول کرے! (سِلاہ)

4 وہ تیرے دِل کی آرزُو بر لائے

اور تیری سب مشوَرت پُوری کرے!

5 ہم تیری نجات پر شادیانہ بجائیں گے

اور اپنے خُدا کے نام پر جھنڈے کھڑے

کریں گے۔

خُداوند تیری تمام درخواستیں پُوری کرے!

6 اب مَیں جان گیاکہ خُداوند اپنے ممسُوح کو بچا لیتا ہے۔

وہ اپنے دہنے ہاتھ کی نجات بخش قُوّت سے

اپنے مُقدّس آسمان پر سے اُسے جواب دے گا ۔

7 کِسی کو رتھوں کا اور کِسی کو گھوڑوں کا بھروسا ہے

پر ہم تُو خُداوند اپنے خُدا ہی کا نام لیں گے۔

8 وہ تو جُھکے اورگِر پڑے

پر ہم اُٹھے اورسیدھے کھڑے ہیں۔

9 اَے خُداوند! بچا لے۔

جِس دِن ہم پُکاریں تو بادشاہ ہمیں جواب دے ۔

زبُو 21

فتح یابی کے لِئے شُکرگُذاری

مِیر مُغنّی کے لِئے داؤُد کا مزمُور۔

1 اَے خُداوند! تیری قُوّت سے بادشاہ خُوش ہوگا

اور تیری نجات سے اُسے نہایت شادمانی ہو گی ۔

2 تُو نے اُس کے دِل کی آرزُو پُوری کی ہے

اور اُس کے مُنہ کی درخواست کو نامنظُور نہیں

کِیا ۔ (سِلاہ)

3 کیونکہ تُو اُسے عُمدہ برکتیں بخشنے میں پیش قدمی کرتا

اور خالِص سونے کا تاج اُس کے سر پر رکھتا ہے ۔

4 اُس نے تُجھ سے زِندگی چاہی اور تُو نے بخشی۔

بلکہ عُمر کی درازی ہمیشہ کے لِئے۔

5 تیری نجات کے سبب سے اُس کی شوکت عظیِم ہے ۔

تُو اُسے حشمت و جلال سے آراستہ کرتا ہے۔

6 کیونکہ تُو ہمیشہ کے لِئے اُسے برکتوں سے مالا مال کرتا ہے

اور اپنے حضُور اُسے خُوش و خُرّم رکھتا ہے۔

7 کیونکہ بادشاہ کا توکُّل خُداوند پر ہے

اور حق تعالیٰ کی شفقت کی بدَولت اُسے ہرگز

جُنبِش نہ ہو گی۔

8 تیرا ہاتھ تیرے سب دُشمنوں کو ڈُھونڈ نِکالے گا۔

تیرا دہنا ہاتھ تُجھ سے کِینہ رکھنے والوں کا پتہ لگا لے گا۔

9 تُو اپنے قہر کے وقت اُن کو جلتے تنُور کی مانِند کر دے گا۔

خُداوند اپنے غضب میں اُن کو نِگل جائے گا

اور آگ اُن کو کھا جائے گی۔

10 تُو اُن کے پَھل کو زمِین پر سے نابُود کر دے گا

اور اُن کی نسل کو بنی آدم میں سے۔

11 کیونکہ اُنہوں نے تُجھ سے بدی کرنا چاہا۔

اُنہوں نے اَیسا منصُوبہ باندھا جِسے وہ پُورا نہیں

کر سکتے۔

12 کیونکہ تُو اُن کا مُنہ پھیر دے گا ۔

تُو اُن کے مُقابلہ میں اپنے چِلّے چڑھائے گا۔

13 اَے خُداوند! تُو اپنی ہی قُو ّت میں سربُلند ہو!

اور ہم گا کر تیری قُدرت کی سِتایش کریں گے۔

زبُو 22

جانکنی میں پُکار اور سِتایش کا گِیت

مِیر مُغنّی کے لِئے ایّلت ہَشّحرَ کے سُر پر داؤُد کامزمُور۔

1 اَے میرے خُدا! اَے میرے خُدا! تُو نے مُجھے

کیوں چھوڑ دیا؟

تُو میری مدد اور میرے نالہ و فریاد سے کیوں دُور

رہتاہے؟

2 اَے میرے خُدا! مَیں دِن کوپُکارتا ہُوں پرتُو

جواب نہیں دیتا

اور رات کو بھی اور خاموش نہیں ہوتا۔

3 لیکن تُو قُدُّوس ہے ۔

تُوجو اِسرائیل کی حمد و ثنا پر تخت نشِین ہے۔

4 ہمارے باپ دادا نے تُجھ پر توکُّل کِیا ۔

اُنہوں نے توکُّل کِیا اور تُو نے اُن کوچُھڑایا۔

5 اُنہوں نے تُجھ سے فریاد کی اور رہائی پائی ۔

اُنہوں نے تُجھ پر توکُّل کِیا اور شرمِندہ نہ ہُوئے ۔

6 پر مَیں تو کِیڑا ہُوں ۔ اِنسان نہیں ۔

آدمِیوں میں انگُشت نُما ہُوں اور لوگوں میں حقِیر۔

7 وہ سب جو مُجھے دیکھتے ہیں میرا مضحکہ اُڑاتے ہیں ۔

وہ مُنہ چڑاتے ۔ وہ سر ہِلاہِلا کر کہتے ہیں

8 اپنے کو خُداوند کے سپُرد کر دے ۔ وُہی اُسے

چُھڑا ئے ۔

جبکہ وہ اُس سے خُوش ہے تو وُہی اُسے چُھڑائے ۔

9 پر تُو ہی مُجھے پیٹ سے باہر لایا۔

جب مَیں شِیرخوار ہی تھا تُونے مُجھے توکُّل کرنا سِکھایا۔

10 مَیں پَیدایش ہی سے تُجھ پر چھوڑا گیا۔

میری ماں کے پیٹ ہی سے تُو میرا خُدا ہے۔

11 مُجھ سے دُور نہ رہ کیونکہ مُصِیبت قرِیب ہے۔

اِس لِئے کہ کوئی مددگار نہیں۔

12 بُہت سے سانڈوں نے مُجھے گھیر لِیا ہے۔

بسن کے زورآور سانڈ مُجھے گھیرے ہُوئے ہیں ۔

13 وہ پھاڑنے اور گرجنے والے بَبر کی طرح

مُجھ پر اپنا مُنہ پسارے ہُوئے ہیں۔

14 مَیں پانی کی طرح بہہ گیا۔

میری سب ہڈّیاں اُکھڑ گئیِں۔

میرا دِل موم کی مانِند ہو گیا۔

وہ میرے سِینہ میں پِگھل گیا۔

15 میری قُوّت ٹِھیکرے کی مانِند خُشک ہو گئی

اور میری زُبان میرے تالُو سے چِپک گئی

اور تُو نے مُجھے مَوت کی خاک میں مِلا دِیا۔

16 کیونکہ کُتّوں نے مُجھے گھیر لِیا ہے ۔

بدکاروں کی گروہ مُجھے گھیرے ہُوئے ہے۔

وہ میرے ہاتھ اور میرے پاؤں چھیدتے ہیں ۔

17 مَیں اپنی سب ہڈِّیاں گِن سکتا ہُوں۔

وہ مُجھے تاکتے اور گُھورتے ہیں۔

18 وہ میرے کپڑے آپس میں بانٹتے ہیں

اور میری پوشاک پر قُرعہ ڈالتے ہیں

19 لیکن تُو اَے خُداوند! دُور نہ رہ ۔

اَے میرے چارہ ساز! میری مدد کے لِئے جلدی کر۔

20 میری جان کو تلوار سے بچا۔

میری جان کو کُتّے کے قابُوسے۔

21 مُجھے بَبر کے مُنہ سے بچا ۔

بلکہ تُو نے سانڈوں کے سِینگوں میں سے مُجھے

چُھڑایا ہے۔

22 مَیں اپنے بھائِیوں سے تیرے نام کا اِظہار کرُوں گا۔

جماعت میں تیری سِتایش کرُو ں گا۔

23 اَے خُداوند سے ڈرنے والو! اُس کی سِتایش کرو ۔

اَے یعقُو ب کی اَولاد! سب اُس کی تمجِید کرو

اور اَے اِسرا ئیل کی نسل! سب اُس کا ڈر مانو۔

24 کیونکہ اُس نے نہ تو مُصِیبت زدہ کی مُصِیبت کو حقِیر

جانانہ اُس سے نفرت کی۔

نہ اُس سے اپنا مُنہ چُھپایا

بلکہ جب اُس نے خُدا سے فریاد کی تو اُس نے سُن لی۔

25 بڑے مجمع میں میری ثنا خوانی کا باعِث تُو ہی ہے ۔

مَیں اُس سے ڈرنے والوں کے رُوبرُو اپنی نذریں

ادا کرُوں گا

26 حلِیم کھائیں گے اور سیر ہوں گے ۔

خُداوند کے طالِب اُس کی سِتایش کریں گے ۔

تُمہارا دِل ابد تک زِندہ رہے!

27 ساری دُنیا خُداوند کو یاد کرے گی اور اُس کی طرف

رجُوع لائے گی

اور قَوموں کے سب گھرانے تیرے حضُور سِجدہ

کریں گے۔

28 کیونکہ سلطنت خُداوند کی ہے۔

وُہی قَوموں پر حاکِم ہے۔

29 دُنیا کے سب آسُودہ حال لوگ کھائیں گے اور سِجدہ

کریں گے۔

وہ سب جو خاک میں مِل جاتے ہیں اُس کے

حضُور جُھکیں گے ۔

بلکہ وہ بھی جو اپنی جان کوجِیتا نہیں رکھ سکتا۔

30 ایک نسل اُس کی بندگی کرے گی۔

دُوسری پُشت کو خُداوند کی خبر دی جائے گی۔

31 وہ آئیں گے اور اُس کی صداقت کو ایک قَوم پر

جو پَیدا ہو گی یہ کہہ کر ظاہِر کریں گے کہ اُس نے

یہ کام کِیا ہے۔

زبُو 23

خُداوندہمارا چَوپان

داؤُد کا مزمُور

1 خُداوند میرا چَوپان ہے ۔ مُجھے کمی نہ ہو گی۔

2 وہ مُجھے ہری ہری چراگاہوں میں بِٹھاتا ہے ۔

وہ مُجھے راحت کے چشموں کے پاس لے جاتا ہے ۔

3 وہ میری جان کو بحال کرتا ہے۔

وہ مُجھے اپنے نام کی خاطِر صداقت کی راہوں پر

لے چلتا ہے۔

4 بلکہ خواہ مَوت کے سایہ کی وادی میں سے میرا گُذر ہو

مَیں کِسی بلا سے نہیں ڈرُوں گا کیونکہ تُومیرے

ساتھ ہے ۔

تیرے عصا اور تیری لاٹھی سے مُجھے تسلّی ہے۔

5 تُو میرے دُشمنوں کے رُوبرُو میرے آگے دستر خوان

بِچھاتا ہے۔

تُو نے میرے سر پر تیل ملا ہے ۔ میرا پِیالہ لبریز

ہوتا ہے۔

6 یقیناً بھلائی اور رحمت عُمر بھر میرے ساتھ ساتھ

رہیں گی

اور مَیں ہمیشہ خُداوند کے گھر میں سکُونت کرُوں گا۔

زبُو 24

عظیِم بادشاہ

داؤُد کا مزمُور۔

1 زمِین اور اُس کی معمُوری خُداوند ہی کی ہے ۔

جہان اور اُس کے باشِندے بھی۔

2 کیونکہ اُس نے سمُندروں پر اُس کی بُنیاد رکھّی

اور سَیلابوں پر اُسے قائِم کِیا۔

3 خُداوند کے پہاڑ پر کَون چڑھے گا

اور اُس کے مُقدّس مقام پر کَون کھڑا ہو گا؟

4 وُہی جِس کے ہاتھ صاف ہیں اور جِس کا دِل پاک ہے ۔

جِس نے بطالت پر دِل نہیں لگایا

اور مکر سے قَسم نہیں کھائی۔

5 وہ خُداوند کی طرف سے برکت پائے گا ۔

ہاں اپنے نجات دینے والے خُدا کی طرف

سے صداقت۔

6 یہی اُس کے طالِبوں کی پُشت ہے ۔

یہی تیرے دِیدار کے خواہاں ہیں ۔ یعنی

یعقُوب ۔ (سِلاہ)

7 اَے پھاٹکو! اپنے سر بُلند کرو ۔

اَے ابدی دروازو! اُونچے ہو جاؤ

اور جلال کا بادشاہ داخِل ہو گا۔

8 یہ جلال کا بادشاہ کَون ہے؟

خُداوند جو قوِی اور قادِر ہے۔

خُداوند جو جنگ میں زورآور ہے۔

9 اَے پھاٹکو! اپنے سر بُلند کرو ۔

اَے ابدی دروازو! اُن کو بُلند کرو

اور جلال کا بادشاہ داخِل ہو گا۔

10 یہ جلال کا بادشاہ کَون ہے؟

لشکروں کا خُداوند۔

وُہی جلال کا بادشاہ ہے ۔(سِلاہ)

زبُو 25

راہنُمائی اورمُحافظت کی دُعا

داؤُد کا مزمُور۔

1 اَے خُداوند! مَیں اپنی جان تیری طرف اُٹھاتا ہُوں ۔

2 اَے میرے خُدا! مَیں نے تُجھ پر توکُّل کِیا ہے ۔

مُجھے شرمِندہ نہ ہونے دے۔

میرے دُشمن مُجھ پر شادیانہ نہ بجائیں۔

3 بلکہ جو تیرے مُنتظِر ہیں اُن میں سے کوئی شرمِندہ

نہ ہو گا۔

پر جو ناحق بے وفائی کرتے ہیں وُہی شرمِندہ

ہوں گے ۔

4 اَے خُداوند! اپنی راہیں مُجھے دِکھا ۔

اپنے راستے مُجھے بتا دے۔

5 مُجھے اپنی سچّائی پر چلا اور تعلِیم دے۔

کیونکہ تُو میرا نجات دینے والا خُدا ہے۔

مَیں دِن بھر تیرا ہی مُنتظِر رہتا ہُوں۔

6 اَے خُداوند اپنی رحمتوں اور شفقتوں کو یاد فرما

کیونکہ وہ ازل سے ہیں۔

7 میری جوانی کی خطاؤں اور میرے گُناہوں کو یاد نہ کر۔

اَے خُداوند! اپنی نیکی کی خاطِر

اپنی شفقت کے مُطابِق مُجھے یاد فرما۔

8 خُداوند نیک اور راست ہے۔

اِس لِئے وہ گُنہگاروں کو راہِ حق کی تعلِیم دے گا۔

9 وہ حلِیموں کو اِنصاف کی ہِدایت کرے گا۔

ہاں وہ حلِیموں کو اپنی راہ بتائے گا۔

10 جو خُداوند کے عہد اور اُس کی شہادتوں کو مانتے ہیں

اُن کے لِئے اُس کی سب راہیں شفقت اور سچّائی ہیں۔

11 اَے خُداوند! اپنے نام کی خاطِر

میری بدکاری مُعاف کر دے کیونکہ وہ بڑی ہے ۔

12 وہ کَون ہے جو خُداوند سے ڈرتا ہے؟

خُداوند اُس کو اُسی راہ کی تعلِیم دے گا جو اُسے پسندہے۔

13 اُس کی جان راحت میں رہے گی

اور اُس کی نسل زمِین کی وارِث ہو گی۔

14 خُداوند کے راز کو وُہی جانتے ہیں جو اُس سے

ڈرتے ہیں

اور وہ اپنا عہد اُن کو بتائے گا۔

15 میری آنکھیں ہمیشہ خُداوند کی طرف لگی رہتی ہیں

کیونکہ وُہی میرا پاؤں دام سے چُھڑائے گا۔

16 میری طرف مُتوجِّہ ہو اور مُجھ پر رحم کر

کیونکہ مَیں بیکس اور مُصِیبت زدہ ہُوں۔

17 میرے دِل کے دُکھ بڑھ گئے ۔

تُو مُجھے میری تکلِیفوں سے رہائی دے۔

18 تُو میری مُصِیبت اور جانفشانی کودیکھ

اور میرے سب گُناہ مُعاف فرما۔

19 میرے دُشمنوں کو دیکھ کیونکہ وہ بُہت ہیں

اور اُن کو مُجھ سے سخت عداوت ہے۔

20 میری جان کی حِفاظت کر اور مُجھے چُھڑا۔

مُجھے شرمِندہ نہ ہونے دے کیونکہ میرا توکُّل تُجھ

ہی پر ہے۔

21 دِیانت داری اور راست بازی مُجھے سلامت رکھّیں

کیونکہ مُجھے تیری ہی آس ہے۔

22 اَے خُدا! اِسرائیل کو

اُس کے سب دُکھوں سے چُھڑا لے۔

زبُو 26

راست آدمی کی دُعا

داؤُد کا مزمُور۔

1 اَے خُداوند میرا اِنصاف کر کیونکہ مَیں راستی سے چلتا

رہا ہُوں

اور مَیں نے خُداوند پر بے لغزِش توکُّل کِیا ہے ۔

2 اَے خُداوند! مُجھے جانچ اور آزما۔

میرے دِل و دِماغ کو پرکھ۔

3 کیونکہ تیری شفقت میری آنکھوں کے سامنے ہے

اور مَیں تیری سچّائی کی راہ پر چلتا رہا ہُوں۔

4 مَیں بے ہُودہ لوگوں کے ساتھ نہیں بَیٹھا۔

مَیں رِیاکاروں کے ساتھ کہیں نہیں جاؤُں گا۔

5 بدکرداروں کی جماعت سے مُجھے نفرت ہے۔

مَیں شرِیروں کے ساتھ نہیں بَیٹھُوں گا۔

6 مَیں بے گُناہی میں اپنے ہاتھ دھوؤُں گا

اور اَے خُداوند! مَیں تیرے مذبح کا طواف کرُوں گا

7 تاکہ شُکرگُذاری کی آواز بُلند کرُوں

اور تیرے سب عجِیب کاموں کو بیان کرُوں۔

8 اَے خُداوند! مَیں تیری سکُونت گاہ

اور تیرے جلال کے خَیمہ کو عزِیز رکھتا ہُوں۔

9 میری جان کو گُنہگاروں کے ساتھ

اور میری زِندگی کو خُونی آدمیوں کے ساتھ نہ مِلا ۔

10 جِن کے ہاتھوں میں شرارت ہے

اور جِن کا دہنا ہاتھ رِشوتوں سے بھرا ہے۔

11 پر مَیں تو راستی سے چلتا رہُوں گا۔

مُجھے چُھڑا لے اور مُجھ پر رحم کر۔

12 میرا پاؤں ہموار جگہ پر قائِم ہے۔

مَیں جماعتوں میں خُداوند کو مُبارک کہُوں گا۔

زبُو 27

حمد وسِتایش کی دُعا

داؤُد کا مزمُور۔

1 خُداوند میری رَوشنی اور میری نجات ہے ۔

مُجھے کِس کی دہشت؟

خُداوند میری زِندگی کا پُشتہ ہے ۔مُجھے کِسں کی ہَیبت؟

2 جب شریر یعنی میرے مُخالِف اور میرے دُشمن

میرا گوشت کھانے کو مُجھ پر چڑھ آئے تو وہ ٹھوکر

کھاکر گِر پڑے۔

3 خواہ میرے خِلاف لشکر خَیمہ زن ہو

میرا دِل نہیں ڈرے گا۔

خواہ میرے مُقابلہ میں جنگ برپا ہو

تَو بھی مَیں خاطِر جمع رہُوں گا۔

4 مَیں نے خُداوند سے ایک درخواست کی ہے ۔

مَیں اِسی کا طالِب رہُوں گا

کہ مَیں عُمر بھر خُداوند کے گھر میں رہُوں

تاکہ خُداوند کے جمال کو دیکھُوں اور اُس کی

ہَیکل میں اِستِفسار کِیا کرُوں۔

5 کیونکہ مُصِیبت کے دِن وہ مُجھے اپنے شامیانہ میں

پوشِیدہ رکھّے گا

وہ مُجھے اپنے خَیمہ کے پردہ میں چُھپا لے گا ۔

وہ مُجھے چٹان پر چڑھا دے گا۔

6 اب مَیں اپنے چاروں طرف کے دُشمنوں پر سرفراز

کِیا جاؤُں گا ۔

مَیں اُس کے خَیمہ میں خُوشی کی قُربانیاں

گُذرانُوں گا۔

مَیں گاؤُں گا ۔ مَیں خُداوند کی مدح سرائی کرُوں گا۔

7 اَے خُداوند! میری آواز سُن ۔ مَیں پُکارتا ہُوں۔

مُجھ پر رحم کر اور مُجھے جواب دے۔

8 جب تُو نے فرمایا کہ میرے دِیدار کے طالِب ہو تو

میرے دِل نے تُجھ سے کہا

اَے خُداوند مَیں تیرے دِیدار کا طالِب رہُوں گا ۔

9 مُجھ سے رُوپوش نہ ہو ۔

اپنے بندہ کو قہر سے نہ نِکال۔

تُو میرا مددگار رہا ہے۔

نہ مُجھے ترک کر نہ مُجھے چھوڑ اَے میرے نجات

دینے والے خُدا!

10 جب میرا باپ اور میری ماں مُجھے چھوڑ دیں

تو خُداوند مُجھے سنبھال لے گا۔

11 اَے خُداوند مُجھے اپنی راہ بتا

اور میرے دُشمنوں کے سبب سے

مُجھے ہموار راستہ پر چلا۔

12 مُجھے میرے مُخالِفوں کی مرضی پر نہ چھوڑ

کیونکہ جُھوٹے گواہ اور بے رحمی سے پُھنکارنے

والے میرے خِلاف اُٹھے ہیں۔

13 اگر مُجھے یقِین نہ ہوتا کہ زِندوں کی زمین میں

خُداوند کے اِحسان کو دیکھُوں گا تو مُجھے غش آجاتا ۔

14 خُداوند کی آس رکھ۔

مضبُوط ہو اور تیرا دِل قوی ہو ۔

ہاں خُداوند ہی کی آس رکھ۔

زبُو 28

مدد کے لِئے اِلتجا

داؤُد کا مزمُور۔

1 اَے خُداوند! مَیں تُجھ ہی کو پُکارُوں گا ۔

اَے میری چٹان! تُو میری طرف سے کان بند نہ کر ۔

اَیسا نہ ہو کہ اگر تُو میری طرف سے خاموش رہے

تو مَیں اُن کی مانِند بن جاؤُں جو پاتال میں جاتے ہیں۔

2 جب مَیں تُجھ سے فریاد کرُوں اور اپنے ہاتھ

تیری مُقدّس ہَیکل کی طرف اُٹھاؤُں تو میری

مِنّت کی آواز کو سُن لے۔

3 مُجھے اُن شرِیروں اور بدکرداروں کے ساتھ گھسِیٹ

نہ لے جا

جو اپنے ہمسایوں سے صُلح کی باتیں کرتے ہیں

مگر اُن کے دِلوں میں بدی ہے۔

4 اُن کے افعال و اعمال کی بُرائی کے مُوافِق اُن کو

بدلہ دے ۔

اُن کے ہاتھوں کے کاموں کے مُطابِق اُن سے

سلُوک کر۔

اُن کے کِئے کا عِوض اُن کو دے۔

5 وہ خُداوند کے کاموں

اور اُس کی دست کاری پر دِھیان نہیں کرتے۔

اِس لِئے وہ اُن کو گِرا دے گا اور پِھر نہیں

اُٹھائے گا۔

6 خُداوند مُبارک ہو۔

اِس لِئے کہ اُس نے میری مِنّت کی آواز سُن لی ۔

7 خُداوند میری قُوّت اور میری سِپر ہے ۔

میرے دِل نے اُس پر توکُّل کِیا ہے اور مُجھے مدد

مِلی ہے

اِسی لِئے میرا دِل نہایت شادمان ہے

اور مَیں گِیت گا کر اُس کی سِتایش کرُوں گا۔

8 خُداوند اُن کی قُوّت ہے۔

وہ اپنے ممسُوح کے لِئے نجات کا قلعہ ہے۔

9 اپنی اُمّت کو بچا اور اپنی مِیراث کو برکت دے ۔

اُن کی پاسبانی کر اور اُن کو ہمیشہ تک سنبھالے رہ ۔

زبُو 29

طُوفان میں خُداوند کی آواز

داؤُد کا مزمُور۔

1 اَے فرِشتگان خُداوند کی۔

خُداوند ہی کی تمِجید و تعظِیم کرو۔

2 خُداوند کی اَیسی تمِجید کرو جو اُس کے نام کے شایاں ہے۔

پاک آرایش کے ساتھ خُداوند کو سِجدہ کرو۔

3 خُداوند کی آواز بادلوں پر ہے ۔

خُدایِ ذُوالجلال گرجتا ہے ۔

خُداوند دلدار بادلوںپر ہے۔

4 خُداوند کی آواز میں قُدرت ہے ۔

خُداوند کی آواز میں جلال ہے۔

5 خُداوند کی آواز دیوداروں کو توڑ ڈالتی ہے۔

بلکہ خُداوند لُبنان کے دیوداروں کو ٹُکڑے ٹُکڑے

کردیتا ہے۔

6 وہ اُن کو بچھڑے کی مانِند۔

لُبنان اور سِریُون کو جنگلی بچھڑے کی مانِند کُداتا ہے۔

7 خُداوند کی آواز آگ کے شُعلوں کو چِیرتی ہے۔

8 خُداوند کی آواز بیابان کو ہلا دیتی ہے ۔

خُداوند قادِس کے بیابان کو ہِلا ڈالتا ہے۔

9 خُداوند کی آواز سے ہرنیوں کے حمل گِر جاتے ہیں ۔

اور وہ جنگلوں کو بے برگ کر دیتی ہے ۔

اُس کی ہَیکل میں ہر ایک جلال ہی جلال

پُکارتا ہے۔

10 خُداوند طُوفان کے وقت تخت نشِین تھا۔

بلکہ خُداوند ہمیشہ تک تخت نشِین ہے۔

11 خُداوند اپنی اُمّت کو زور بخشے گا۔

خُداوند اپنی اُمّت کو سلامتی کی برکت دے گا۔