یسعیاہ 57

اِسرا ئیل کی بُت پرستی کی مُذّمت

1 صادِق ہلاک ہوتا ہے اور کوئی اِس بات کو خاطِر میں نہیں لاتا اور نیک لوگ اُٹھا لِئے جاتے ہیں اور کوئی نہیں سوچتا کہ صادِق اُٹھا لِیا گیا تاکہ آنے والی آفت سے بچے۔

2 وہ سلامتی میں داخِل ہوتا ہے ۔ ہر ایک راست رَو اپنے بِستر پر آرام پائے گا۔

3 لیکن تُم اَے جادُوگرنی کے بیٹو! اَے زانی اور فاحِشہ کے بچّو! اِدھر آگے آؤ۔

4 تُم کِس پر ٹھٹّھا مارتے ہو؟ تُم کِس پر مُنہ پھاڑتے اور زُبان نِکالتے ہو؟ کیا تُم باغی اَولاد اور دغابازنسل نہیں ہو۔

5 جو بُتوں کے ساتھ ہر ایک ہرے درخت کے نِیچے اپنے آپ کو برانگیختہ کرتے اور وادِیوں میں چٹانوں کے شِگافوں کے نِیچے بچّوں کو ذبح کرتے ہو؟۔

6 وادی کے چِکنے پتّھر تیرا بخرہ ہیں ۔ وُہی تیرا حِصّہ ہیں ۔ ہاں تُو نے اُن کے لِئے تپاون دِیا اور ہدیہ چڑھایاہے ۔ کیا مُجھے اِن کاموں سے تسکِین ہو گی؟۔

7 ایک اُونچے اور بُلند پہاڑ پر تُو نے اپنا بِستر بِچھایاہے اور اُسی پر ذبِیحہ ذبح کرنے کو چڑھ گئی۔

8 اور تُو نے دروازوں اور چَوکھٹوں کے پِیچھے اپنی یادگارکی علامتیں نصب کِیں اور تُو میرے سِوا دُوسرے کے آگے بے پردہ ہُوئی ۔ ہاں تُو چڑھ گئی اور تُو نے اپنا بِچھَونابھی بڑا بنایا اور اُن کے ساتھ عہد کر لِیا ہے ۔ تُو نے اُن کے بِستر کو جہاں دیکھا پسند کِیا۔

9 تُو خُوشبُو لگا کر بادشاہ کے حضُور چلی گئی اور اپنے آپ کو خُوب مُعطّر کِیا اور اپنے ایلچی دُور دُور بھیجے بلکہ تُو نے اپنے آپ کو پاتال تک پست کِیا۔

10 تُو اپنے سفر کی درازی سے تھک گئی تَو بھی تُو نے نہ کہا کہ اِس سے کُچھ فائِدہ نہیں ۔ تُو نے اپنی قُوّت کی تازگی پائی اِس لِئے تُو افسُردہ نہ ہُوئی۔

11 پس تُو کِس سے ڈری اور کِس کے خَوف سے تُو نے جُھوٹ بولا اور مُجھے یاد نہ کِیا اور خاطِر میں نہ لائی؟ کیا مَیں ایک مُدّت سے خاموش نہیں رہا؟ تَو بھی تُو مُجھ سے نہ ڈری۔

12 مَیں تیری صداقت کو اور تیرے کاموں کو فاش کرُوں گااور اُن سے تُجھے کُچھ نفع نہ ہوگا۔

13 جب تُو فریاد کرے تو جِن کو تُو نے جمع کِیا ہے وہ تُجھے چُھڑائیں پر ہوا اُن سب کو اُڑا لے جائے گی ۔ ایک جھونکااُن کو لے جائے گا لیکن مُجھ پر توکُّل کرنے والا زمِین کا مالِک ہو گا اور میرے کوہِ مُقدّس کا وارِث ہوگا۔ مدد اور شِفا کے لِئے خُدا کا وعدہ

14 تب یُوں کہا جائے گا کہ راہ اُونچی کرو اُونچی کرو۔ ہموار کرو ۔ میرے لوگوں کے راستہ سے ٹھوکر کا باعِث دُور کرو۔

15 کیونکہ وہ جو عالی اور بُلند ہے اور ابُدالآباد تک قائِم ہے جِس کا نام قُدُّوس ہے یُوں فرماتا ہے کہ مَیں بُلند اور مُقدّس مقام میں رہتا ہُوں اور اُس کے ساتھ بھی جو شِکستہ دِل اور فروتن ہے تاکہ فروتنوں کی رُوح کو زِندہ کرُوں اور شِکستہ دِلوں کو حیات بخشُوں۔

16 کیونکہ مَیں ہمیشہ نہ جھگڑُوں گا اور سدا غَضب ناک نہ رہُوں گا اِس لِئے کہ میرے حضُور رُوح اور جانیں جو مَیں نے پَیدا کی ہیں بیتاب ہو جاتی ہیں۔

17 کہ مَیں اُس کے لالچ کے گُناہ سے غضب ناک ہُؤا ۔ سومَیں نے اُسے مارا ۔ مَیں نے اپنے آپ کو چُھپایا اورغضب ناک ہُؤا۔ اِس لِئے کہ وہ اُس راہ پر جو اُس کے دِل نے نِکالی بھٹک گیا تھا۔

18 مَیں نے اُس کی راہیں دیکِھیں اور مَیں ہی اُسے شِفابخشُوں گا۔ مَیں اُس کی رہبری کرُوں گا اور اُس کو اور اُس کے غم خواروں کو پِھر دِلاسا دُوں گا۔

19 خُداوند فرماتا ہے مَیں لبوں کا پَھل پَیدا کرتا ہُوں سلامتی! سلامتی اُس کو جو دُور ہے اور اُس کو جو نزدِیک ہے اور مَیں ہی اُسے صِحت بخشُوں گا۔

20 لیکن شرِیر تو سمُندر کی مانِند ہیں جو ہمیشہ مَوجزن اور بے قرار ہے ۔ جِس کا پانی کِیچڑ اور گندگی اُچھالتاہے۔

21 میرا خُدا فرماتا ہے کہ شرِیروں کے لِئے سلامتی نہیں۔

یسعیاہ 58

حقِیقی روزہ

1 گلا پھاڑ کر چِلاّ ۔ دریغ نہ کر ۔ نرسِنگے کی مانِنداپنی آواز بُلند کر اور میرے لوگوں پر اُن کی خطا اور یعقُو ب کے گھرانے پر اُن کے گُناہوں کو ظاہِر کر۔

2 وہ روز بروز میرے طالِب ہیں اور اُس قَوم کی مانِندجِس نے صداقت کے کام کِئے اور اپنے خُدا کے احکام کوترک نہ کِیا میری راہوں کو دریافت کرنا چاہتے ہیں ۔ وہ مُجھ سے صداقت کے احکام طلب کرتے ہیں ۔ وہ خُدا کی نزدِیکی چاہتے ہیں۔

3 وہ کہتے ہیں ہم نے کِس لِئے روزے رکھّے جبکہ تُو نظرنہیں کرتا اور ہم نے کیوں اپنی جان کو دُکھ دِیا جبکہ تُو خیال میں نہیں لاتا؟

دیکھو تُم اپنے روزہ کے دِن میں اپنی خُوشی کے طالِب رہتے ہو اور سب طرح کی سخت مِحنت لوگوں سے کراتے ہو۔

4 دیکھو تُم اِس مقصد سے روزہ رکھتے ہو کہ جھگڑا رگڑاکرو اور شرارت کے مُکّے مارو ۔ پس اب تُم اِس طرح کاروزہ نہیں رکھتے ہو کہ تُمہاری آواز عالِم بالا پرسُنی جائے۔

5 کیا یہ وہ روزہ ہے جو مُجھ کو پسند ہے؟ اَیسا دِن کہ اُس میں آدمی اپنی جان کو دُکھ دے اور اپنے سر کو جھاؤکی طرح جُھکائے اور اپنے نِیچے ٹاٹ اور راکھ بِچھائے؟کیا تُو اِس کو روزہ اور اَیسا دِن کہے گا جو خُداوند کامقبُول ہو؟۔

6 کیا وہ روزہ جو مَیں چاہتا ہُوں یہ نہیں کہ ظُلم کی زنجِیریں توڑیں اور جُوئے کے بندھن کھولیں اور مظلُوموں کو آزاد کریں بلکہ ہر ایک جُوئے کو توڑ ڈالیں؟۔

7 کیا یہ نہیں کہ تُو اپنی روٹی بُھوکوں کو کِھلائے اور مِسکِینوں کو جو آوارہ ہیں اپنے گھر میں لائے اورجب کِسی کو ننگا دیکھے تو اُسے پہنائے اور تُو اپنے ہم جِنس سے رُوپوشی نہ کرے؟۔

8 تب تیری روشنی صُبح کی مانِند پُھوٹ نِکلے گی اور تیری صِحت کی ترقّی جلد ظاہِر ہو گی ۔ تیری صداقت تیری ہراول ہو گی اور خُداوند کا جلال تیرا چنڈاول ہو گا۔

9 تب تُو پُکارے گا اور خُداوند جواب دے گا ۔ تُو چِلاّئے گااور وہ فرمائے گا مَیں یہاں ہُوں ۔

اگر تُو اُس جُوئے کو اور اُنگلِیوں سے اِشارہ کرنے کو اور ہرزہ گوئی کواپنے درمِیان سے دُور کرے گا۔

10 اور اگر تُو اپنے دِل کو بُھوکے کی طرف مائِل کرے اورآزُردہ دِل کو آسُودہ کرے تو تیرا نُور تارِیکی میں چمکے گااور تیری تِیرگی دوپہر کی مانِند ہو جائے گی۔

11 اور خُداوند سدا تیری راہنُمائی کرے گا اور خُشک سالی میں تُجھے سیر کرے گا اور تیری ہڈِّیوں کو قُوّت بخشے گا۔ پس تُو سیراب باغ کی مانِند ہو گا اور اُس چشمہ کی مانِند جِس کا پانی کم نہ ہو۔

12 اور تیرے لوگ قدِیم وِیران مکانوں کو تعمِیر کریں گے اور تُو پُشت در پُشت کی بُنیادوں کو برپا کرے گا ۔ اورتُو رخنہ کا بند کرنے والا اور آبادی کے لِئے راہ کادرُست کرنے والا کہلائے گا۔

سبت کو ماننے کا اَجر

13 اگر تُو سبت کے روز اپنا پاؤں روک رکھّے اور میرے مُقدّس دِن میں اپنی خُوشی کا طالِب نہ ہو اور سبت کو راحت اور خُداوند کا مُقدّس اور مُعظّم کہے اور اُس کی تعظِیم کرے ۔ اپنا کاروبار نہ کرے اور اپنی خُوشی اوربے فائِدہ باتوں سے دست بردار رہے۔

14 تب تُو خُداوند مَیں مسرُور ہو گا اور مَیں تُجھے دُنیاکی بُلندِیوں پر لے چلُوں گا اور مَیں تُجھے تیرے باپ یعقُو ب کی مِیراث سے کِھلاؤُں گا کیونکہ خُداوند ہی کے مُنہ سے یہ اِرشاد ہُؤا ہے۔

یسعیاہ 59

نبی اُمّت کے گُناہوں کی مُذّمت کرتاہے

1 دیکھو خُداوند کا ہاتھ چھوٹا نہیں ہو گیا کہ بچا نہ سکے اور اُس کا کان بھاری نہیں کہ سُن نہ سکے۔

2 بلکہ تُمہاری بدکرداری نے تُمہارے اور تُمہارے خُداکے درمِیان جُدائی کر دی ہے اور تُمہارے گُناہوں نے اُسے تُم سے رُوپوش کِیا اَیسا کہ وہ نہیں سُنتا۔

3 کیونکہ تُمہارے ہاتھ خُون سے اور تُمہاری اُنگلیاں بدکرداری سے آلُودہ ہیں ۔ تُمہارے لب جُھوٹ بولتے اورتُمہاری زُبان شرارت کی باتیں بکتی ہے۔

4 کوئی اِنصاف کی بات پیش نہیں کرتا اور کوئی سچّائی سے حُجّت نہیں کرتا ۔ وہ بطالت پر توکُّل کرتے ہیں اورجُھوٹ بولتے ہیں ۔ وہ زِیان کاری سے باردار ہو کر بدکرداری کو جنم دیتے ہیں۔

5 وہ افعی کے انڈے سیتے اور مکڑی کا جالا تنتے ہیں۔ جو اُن کے انڈوں میں سے کُچھ کھائے مَر جائے گا اور جو اُن میں سے توڑا جائے اُس سے افعی نِِکلے گا۔

6 اُن کے جالے سے پوشاک نہیں بنے گی ۔ وہ اپنی دست کاری سے مُلبّس نہ ہوں گے ۔ اُن کے اعمال بدکرداری کے ہیں اورظُلم کا کام اُن کے ہاتھوں میں ہے۔

7 اُن کے پاؤں بدی کی طرف دَوڑتے ہیں اور وہ بے گُناہ کا خُون بہانے کے لِئے جلدی کرتے ہیں ۔ اُن کے خیالات بدکرداری کے ہیں ۔ تباہی اور ہلاکت اُن کی راہوں میں ہے۔

8 وہ سلامتی کا راستہ نہیں جانتے اور اُن کی روِش میں اِنصاف نہیں ۔ وہ اپنے لِئے ٹیڑھی راہ بناتے ہیں ۔ جوکوئی اُس میں جائے گا سلامتی کو نہ دیکھے گا۔

لوگ اپنے گُناہ کا اِقرار کرتے ہیں

9 اِس لِئے اِنصاف ہم سے دُور ہے اور صداقت ہمارے نزدِیک نہیں آتی ۔ ہم نُور کا اِنتظار کرتے ہیں پر دیکھو تارِیکی ہے اور رَوشنی کا پر اندھیرے میں چلتے ہیں۔

10 ہم دِیوار کو اندھے کی طرح ٹٹولتے ہیں ۔ ہاں یُوں ٹٹولتے ہیں کہ گویا ہماری آنکھیں نہیں ۔ ہم دوپہر کو یُوں ٹھوکرکھاتے ہیں گویا رات ہو گئی ۔ ہم تندرُستوں کے درمِیان گویا مُردہ ہیں۔

11 ہم سب کے سب رِیچھوں کی مانِند غُرّاتے ہیں اور کبُوتروں کی طرح کُڑھتے ہیں ۔ ہم اِنصاف کی راہ تکتے ہیں پر وہ کہِیں نہیں اور نجات کے مُنتظِر ہیں پر وہ ہم سے دُورہے۔

12 کیونکہ ہماری خطائیں تیرے حضُور بُہت ہیں اور ہمارے گُناہ ہم پر گواہی دیتے ہیں کیونکہ ہماری خطائیں ہمارے ساتھ ہیں ۔ اور ہم اپنی بدکرداری کو جانتے ہیں۔

13 کہ ہم نے خطا کی ۔ خُداوند کا اِنکار کِیا اور اپنے خُدا کی پَیروی سے برگشتہ ہو گئے ۔ ہم نے ظُلم اور سرکشی کی باتیں کِیں اور دِل میں باطِل تصوُّر کر کے دروغ گوئی کی۔

14 عدالت ہٹائی گئی اور اِنصاف دُور کھڑا ہو رہا ۔ صداقت بازار میں گِر پڑی اور راستی داخِل نہیں ہو سکتی۔

15 ہاں راستی گُم ہو گئی اور وہ جو بدی سے بھاگتا ہے شِکارہو جاتا ہے ۔

خُداونداپنی اُمّت کو چُھڑانے پر تیّار ہوتا ہے

خُداوند نے یہ دیکھا اور اُس کی نظر میں بُرا معلُوم ہُؤا کہ عدالت جاتی رہی۔

16 اور اُس نے دیکھا کہ کوئی آدمی نہیں اور تعجُّب کِیاکہ کوئی شفاعت کرنے والا نہیں اِس لِئے اُسی کے بازُونے اُس کے لِئے نجات حاصِل کی اور اُسی کی راست بازی نے اُسے سنبھالا۔

17 ہاں اُس نے راست بازی کا بکتر پہنا اور نجات کا خوداپنے سر پر رکھّا اور اُس نے لِباس کی جگہ اِنتقام کی پوشاک پہنی اور غَیرت کے جُبّہ سے مُلبّس ہُؤا۔

18 وہ اُن کو اُن کے اعمال کے مُطابِق جزا دے گا ۔ اپنے مُخالِفوںپر قہر کرے گا اور اپنے دُشمنوں کو سزا دے گا اور جزِیروں کو بدلہ دے گا۔

19 تب مغرِب کے باشِندے خُداوند کے نام سے ڈریں گے اورمشرِق کے باشِندے اُس کے جلال سے کیونکہ وہ دریا کے سَیلاب کی طرح آئے گا جو خُداوند کے دَم سے رواں ہو۔

20 اور خُداوند فرماتا ہے کہ صِیُّون میں اور اُن کے پاس جو یعقُو ب میں خطاکاری سے باز آتے ہیں ایک فِدیہ دینے والا آئے گا۔

21 کیونکہ اُن کے ساتھ میرا عہد یہ ہے ۔ خُداوند فرماتاہے کہ میری رُوح جو تُجھ پر ہے اور میری باتیں جو مَیں نے تیرے مُنہ میں ڈالی ہیں تیرے مُنہ سے اور تیری نسل کے مُنہ سے اور تیری نسل کی نسل کے مُنہ سے اب سے لے کرابد تک جاتی نہ رہیں گی ۔ خُداوند کا یِہی اِرشاد ہے۔ مُستقبل میںیروشلیِم کی شان و شَوکت

یسعیاہ 60

1 اُٹھ مُنوّر ہو کیونکہ تیرا نُور آ گیا

اور خُداوندکا جلال تُجھ پر ظاہِر ہُؤا۔

2 کیونکہ دیکھ تارِیکی زمِین پر چھا جائے گی اور تِیرگی

اُمّتوں پر

لیکن خُداوند تُجھ پر طالِع ہو گا اور اُس کاجلال

تُجھ پر نُمایاں ہو گا۔

3 اور قَومیں تیری رَوشنی کی طرف آئیں گی

اور سلاطِین تیرے طلُوع کی تجلّی میں چلیں گے۔

4 اپنی آنکھیں اُٹھا کر چاروں طرف دیکھ ۔

وہ سب کے سب اِکٹّھے ہوتے ہیں اور تیرے

پاس آتے ہیں ۔

تیرے بیٹے دُورسے آئیں گے

اور تیری بیٹِیوں کو گود میں اُٹھا کر لائیں گے۔

5 تب تُو دیکھے گی اور مُنوّر ہو گی

ہاں تیرا دِل اُچھلے گااور کُشادہ ہو گا

کیونکہ سمُندر کی فراوانی تیری طرف پِھرے گی

اور قَوموں کی دَولت تیرے پاس فراہم ہو گی۔

6 اُونٹوں کی قطاریں اور مِدیا ن اور عیفہ کی سانڈنیاں

آ کر تیرے گِرد بے شُمار ہوں گی ۔

وہ سب سبا سے آئیں گے اور سونا اور لُبان

لائیں گے

اور خُداوند کی حمد کا اِعلان کریں گے۔

7 قِیدار کی سب بھیڑیں تیرے پاس جمع ہوں گی ۔

نبایو ت کے مینڈھے تیری خِدمت میں حاضِر

ہوں گے ۔

وہ میرے مذبح پر مقبُول ہوں گے

اور مَیں اپنی شَوکت کے گھر کو جلال بخشُوں گا۔

8 یہ کَون ہیں جو بادل کی طرح اُڑے چلے آتے ہیں

اور جَیسے کبُوتر اپنی کابُک کی طرف؟۔

9 یقِیناً جزِیرے میری راہ دیکھیں گے اورترسِیس کے

جہاز پہلے آئیں گے کہ

تیرے بیٹوں کو اُن کی چاندی اوراُن کے سونے

سمیت دُور سے

خُداوند تیرے خُدا اور اِسرائیل کے قُدُّوس کے

نام کے لِئے لائیں کیونکہ اُس نے تُجھے

بزُرگی بخشی ہے۔

10 اور بیگانوں کے بیٹے تیری دِیواریں بنائیں گے

اور اُن کے بادشاہ تیری خِدمت گُذاری

کریں گے ۔

اگرچہ مَیں نے اپنے قہر سے تُجھے مارا

پر اپنی مِہربانی سے مَیں تُجھ پررحم کرُوں گا۔

11 اور تیرے پھاٹک ہمیشہ کُھلے رہیں گے ۔ وہ دِن

رات کبھی بند نہ ہوں گے

تاکہ قَوموں کی دَولت اور اُن کے بادشاہوں کو

تیرے پاس لائیں۔

12 کیونکہ وہ قَوم اور وہ مملکت جو تیری خِدمت گُذاری

نہ کرے گی

برباد ہو جائے گی ۔ ہاں وہ قَومیں بِالکُل ہلاک کی

جائیں گی۔

13 لُبنا ن کا جلال تیرے پاس آئے گا ۔ سرو اور صنَوبر

اوردیودار سب آئیں گے

تاکہ میرے مَقدِس کو آراستہ کریں اورمَیں اپنے

پاؤں کی کُرسی کو رَونق بخشُوں گا۔

14 اور تیرے غارت گروں کے بیٹے تیرے سامنے

جُھکتے ہُوئے آئیں گے

اور تیری تحقِیر کرنے والے سب تیرے قدموں

پر گِریں گے

اور وہ تیرا نام خُداوند کا شہر اِسرائیل کے قُدُّوس

کا صِیُّون رکھّیں گے۔

15 اِس لِئے کہ تُو ترک کی گئی اور تُجھ سے نفرت ہُوئی

اَیسا کہ کِسی آدمی نے تیری طرف گُذر بھی نہ کِیا ۔

مَیں تُجھے ابدی فضِیلت اور پُشت در پُشت کی

شادمانی کا باعِث بناؤُں گا۔

16 تُو قَوموں کا دُودھ بھی پی لے گی ۔

ہاں بادشاہوں کی چھاتی چُوسے گی

اور تُو جانے گی کہ مَیں خُداوند تیرانجات دینے

والا اور یعقُو ب کا قادِر تیرا فِدیہ دینے

والا ہُوں۔

17 مَیں پِیتل کے بدلے سونا لاؤُں گا

اور لوہے کے بدلے چاندی اور لکڑی کے بدلے

پِیتل اور پتّھروں کے بدلے لوہا

اور مَیں تیرے حاکِموں کو سلامتی اور تیرے

عامِلوں کوصداقت بناؤُں گا۔

18 پِھر کبھی تیرے مُلک میں ظُلم کا ذِکر نہ ہو گا

اورنہ تیری حدُود کے اندر خرابی یا بربادی کا

بلکہ تُواپنی دِیواروں کا نام نجات اور اپنے پھاٹکوں

کا حمد رکھّے گی۔

19 پِھر تیری روشنی نہ دِن کو سُورج سے ہو گی

نہ چاندکے چمکنے سے

بلکہ خُداوند تیرا ابدی نُور

اور تیرا خُداتیرا جلال ہو گا۔

20 تیرا سُورج پِھر کبھی نہ ڈھلے گا

اور تیرے چاند کو زوال نہ ہو گا

کیونکہ خُداوند تیرا ابدی نُور ہو گا

اور تیرے ماتم کے دِن ختم ہو جائیں گے۔

21 اور تیرے لوگ سب کے سب راستباز ہوں گے ۔

وہ ابد تک مُلک کے وارِث ہوں گے

یعنی میری لگائی ہُوئی شاخ اور میری دست کاری

ٹھہریں گے تاکہ میرا جلال ظاہِر ہو۔

22 سب سے چھوٹا ایک ہزار ہو جائے گا

اور سب سے حقِیر ایک زبردست قَوم ۔

مَیں خُداوند عَین وقت پر یہ سب کُچھ جلد

کرُوں گا۔

یسعیاہ 61

رہائی کی خُوشخبری

1 خُداوند خُدا کی رُوح مُجھ پر ہے

کیونکہ اُس نے مُجھے مَسح کِیا تاکہ حلِیموں کو خُو ش

خبری سُناؤُں ۔

اُس نے مُجھے بھیجا ہے کہ شِکستہ دِلوں کو تسلّی

دُوں ۔

قَیدیوں کے لِئے رہائی

اور اسِیروں کے لِئے آزادی کا اِعلان کرُوں۔

2 تاکہ خُداوند کے سالِ مقبُول کا اور اپنے خُدا کے

اِنتقام کے روز کا اِشتہار دُوں

اور سب غمگِینوں کو دِلاسا دُوں۔

3 صِیُّون کے غمزدوں کے لِئے یہ مُقرّر کر دُوں کہ

اُن کو راکھ کے بدلے سِہرا

اور ماتم کی جگہ خُوشی کا رَوغن اور اُداسی کے

بدلے سِتایش کا خِلعت بخشُوں

تاکہ وہ صداقت کے درخت اور خُداوند کے

لگائے ہُوئے کہلائیں کہ اُس کا جلال

ظاہِر ہو۔

4 تب وہ پُرانے اُجاڑ مکانوں کو تعمِیر کریں گے اور

قدِیم وِیرانِیوں کو پِھر بِنا کریں گے اور اُن

اُجڑے شہروں کی مرمّت کریں گے جو

پُشت در پُشت اُجاڑ پڑے تھے۔

5 پردیسی آ کھڑے ہوں گے

اور تُمہارے گلّوں کو چرائیں گے

اور بیگانوں کے بیٹے تُمہارے ہل چلانے والے

اور تاکِستانوں میں کام کرنے والے

ہوں گے۔

6 پر تُم خُداوند کے کاہِن کہلاؤ گے ۔

وہ تُم کو ہمارے خُدا کے خادِم کہیں گے ۔

تُم قَوموں کا مال کھاؤ گے اور تُم اُن کی شَوکت پر

فخر کرو گے۔

7 تُمہاری خجالت کا عِوض دو چند مِلے گا ۔

وہ اپنی رُسوائی کے بدلے اپنے حِصّہ سے خُوش

ہوں گے ۔

پس وہ اپنے مُلک میں دو چند کے مالِک ہوں

گے اور اُن کو ابدی شادمانی ہو گی۔

8 کیونکہ مَیں خُداوند اِنصاف کو عزِیز رکھتا ہُوں اور

غارت گری اور ظُلم سے نفرت کرتا ہُوں ۔

سو مَیں سچّائی سے اُن کے کاموں کا اجر دُوں گا

اور اُن کے ساتھ ابدی عہدباندُھوں گا۔

9 اُن کی نسل قَوموں کے درمِیان نامور ہو گی اور اُن

کی اَولاد لوگوں کے درمِیان ۔

وہ سب جو اُن کو دیکھیں گے اِقرار کریں گے کہ

یہ وہ نسل ہے جِسے خُداوند نے برکت

بخشی ہے۔

10 مَیں خُداوند سے بُہت شادمان ہُوں گا ۔

میری جان میرے خُدا میں مسرُور ہو گی کیونکہ

اُس نے مُجھے نجات کے کپڑے پہنائے ۔

اُس نے راستبازی کے خِلعت سے مُجھے مُلبّس

کِیا جَیسے دُلہا سِہرے سے اپنے آپ کو

آراستہ کرتا ہے اور دُلہن اپنے زیوروں

سے اپنا سِنگار کرتی ہے۔

11 کیونکہ جِس طرح زمِین اپنے نباتات کو پَیدا کرتی

ہے اور جِس طرح باغ اُن چِیزوں کو جو اُس

میں بوئی گئی ہیں اُگاتا ہے

اُسی طرح خُداوند خُدا صداقت اور سِتایش کو تمام

قَوموں کے سامنے ظہُور میں لائے گا۔

یسعیاہ 62

1 صِیُّون کی خاطِر مَیں چُپ نہ رہُوں گا

اور یروشلیِم کی خاطِر مَیں دَم نہ لُوں گا

جب تک کہ اُس کی صداقت نُور کی مانِند نہ چمکے

اور اُس کی نجات روشن چراغ کی طرح

جلوہ گر نہ ہو۔

2 تب قَوموں پر تیری صداقت

اور سب بادشاہوں پر تیری شَوکت ظاہِر ہو گی

اور تُو ایک نئے نام سے کہلائے گی

جو خُداوند کے مُنہ سے نِکلے گا۔

3 اور تُو خُداوند کے ہاتھ میں جلالی تاج اور اپنے

خُداکی ہتھیلی میں شاہانہ افسر ہو گی۔

4 تُو آگے کو مترُوکہ نہ کہلائے گی

اور تیرے مُلک کا نام پِھر کبھی خرابہ نہ ہو گا

بلکہ تُو پِیاری اور تیری سرزمِین سُہاگن کہلائے گی

کیونکہ خُداوند تُجھ سے خُوش ہے

اورتیری زمِین خاوند والی ہو گی۔

5 کیونکہ جِس طرح جوان مَرد کُنواری عَورت کو بیاہ

لاتاہے اُسی طرح تیرے بیٹے تُجھے بیاہ لیں گے

ٍٍ اور جِس طرح دُلہا دُلہن میں راحت پاتا ہے

اُسی طرح تیرا خُدا تُجھ میں مسرُور ہو گا۔

6 اَے یروشلیِم مَیں نے تیری دِیواروں پر نِگہبان

مُقرّرکِئے ہیں ۔

وہ دِن رات کبھی خاموش نہ ہوں گے ۔

اَے خُداوند کا ذِکر کرنے والو خاموش نہ ہو۔

7 اور جب تک وہ یروشلیِم کو قائِم کر کے رُویِ زمِین

پر محمُود نہ بنائے اُسے آرام نہ لینے دو۔

8 خُداوند نے اپنے دہنے ہاتھ اور اپنے قوی بازُو کی

قَسم کھائی ہے کہ

یقِیناً مَیں آگے کو تیرا غلّہ تیرے دُشمنوں کے

کھانے کو نہ دُوں گا

اور بے گانوں کے بیٹے تیری مَے جِس کے لِئے

تُو نے مِحنت کی نہیں پِئیں گے۔

9 بلکہ وُہی جِنہوں نے فصل جمع کی ہے

اُس میں سے کھائیں گے اور خُداوند کی حمد

کریں گے

اور وہ جو ذخِیرہ میں لائے ہیں اُسے میرے

مَقدِس کی بارگاہوں میں پِئیں گے۔

10 گُذر جاؤ! پھاٹکوں میں سے گُذر جاؤ!

لوگوں کے لِئے راہ درُست کرو

اور شاہراہ اُونچی اور بُلند کرو ۔ پتّھر چُن کر

صاف کر دو ۔

لوگوں کے لِئے جھنڈا کھڑا کرو۔

11 دیکھ خُداوند نے اِنتہایِ زمِین تک اِعلان کر دِیا ہے ۔

دُخترِ صِیُّون سے کہو

دیکھ تیرا نجات دینے والاآتا ہے ۔

دیکھ اُس کا اجر اُس کے ساتھ اور اُس کا کام اُس

کے سامنے ہے۔

12 اور وہ مُقدّس لوگ اور خُداوند کے خرِیدے ہُوئے

کہلائیں گے

اور تُو مطلُوبہ یعنی غَیر مترُوک شہر کہلائے گی۔

یسعیاہ 63

خُداوندقَوموں پر فتح مند ہے

1 یہ کَون ہے جو ادُو م سے اور سُرخ پوشاک پہنے بُصرا ہ سے آتا ہے؟ یہ جِس کا لِباس درخشان ہے اور اپنی توانائی کی بزُرگی سے خِرامان ہے؟

یہ مَیں ہُوں جو صادِقُ القَول اور نجات دینے پر قادِر ہُوں۔

2 تیری پوشاک کیوں سُرخ ہے؟ تیرا لِباس کیوں اُس شخص کی مانِند ہے جو انگُور حَوض میں رَوندتا ہے؟۔

3 مَیں نے تن تنہا انگُور حَوض میں رَوندے اور لوگوں میں سے میرے ساتھ کوئی نہ تھا ۔ ہاں مَیں نے اُن کو اپنے قہر میں لتاڑا اور اپنے جوش میں اُن کو رَوندا اور اُن کا خُون میرے لِباس پر چِھڑکا گیا اور مَیں نے اپنے سب کپڑوں کو آلُودہ کِیا۔

4 کیونکہ اِنتقام کا دِن میرے دِل میں ہے اور میرے خرِیدے ہُوئے لوگوں کا سال آ پُہنچا ہے۔

5 مَیں نے نِگاہ کی اور کوئی مددگار نہ تھا اور مَیں نے تعجُّب کِیا کہ کوئی سنبھالنے والا نہ تھا ۔ پس میرے ہی بازُو سے نجات آئی اور میرے ہی قہر نے مُجھے سنبھالا۔

6 ہاں مَیں نے اپنے قہر سے لوگوں کو لتاڑا اور اپنے غضب سے اُن کو مدہوش کِیا اور اُن کا خُون زمِین پر بہا دِیا۔

اِسرا ئیل پر خُداوندکی شفقت

7 مَیں خُداوند کی شفقت کا ذِکر کرُوں گا ۔

خُداوند ہی کی سِتایش کا ۔

اُس سب کے مُطابِق جو خُداوند نے ہم کو عِنایت

کِیا ہے

اور اُس بڑی مِہربانی کا جو اُس نے اِسرائیل کے

گھرانے پر

اپنی خاص رحمت اور فراوان شفقت کے مُطابِق

ظاہِر کی ہے۔

8 کیونکہ اُس نے فرمایا یقِیناً وہ میرے ہی لوگ ہیں ۔ اَیسی اَولاد جو بے وفائی نہ کرے گی ۔ چُنانچہ وہ اُن کا بچانے والا ہُوا۔

9 اُن کی تمام مُصِیبتوں میں وہ مُصِیبت زدہ ہُؤا اوراُس کے حضُور کے فرِشتہ نے اُن کو بچایا ۔ اُس نے اپنی اُلفت اور رحمت سے اُن کا فِدیہ دِیا ۔ اُس نے اُن کو اُٹھایااور قدِیم سے ہمیشہ اُن کو لِئے پِھرا۔

10 لیکن وہ باغی ہُوئے اور اُنہوں نے اُس کی رُوحِ قُدس کو غمگِین کِیا ۔ اِس لِئے وہ اُن کا دُشمن ہو گیا اوراُن سے لڑا۔

11 پِھر اُس نے اگلے دِنوں کو اور مُوسیٰ کو اور اپنے لوگوں کو یاد کِیا اور فرمایا وہ کہاں ہے جو اُن کو اپنے گلّہ کے چَوپانوں سمیت سمُندر میں سے نِکال لایا؟ وہ کہاں ہے جِس نے اپنی رُوحِ قُدس اُن کے اندر ڈالی؟۔

12 جِس نے مُوسیٰ کے دہنے ہاتھ پر اپنے جلالی بازُو کو ساتھ کر دِیا اور اُن کے آگے پانی کو چِیرا تاکہ اپنے لِئے ابدی نام پَیدا کرے؟۔

13 جو گہراؤ میں سے اُن کو اِس طرح لے گیا

جِس طرح بیابان میں سے گھوڑا اَیسا کہ اُنہوں نے ٹھوکر نہ کھائی؟۔

14 جِس طرح مویشی وادی میں چلے جاتے ہیں اُسی طرح خُداوندکی رُوح اُن کو آرام گاہ میں لائی اور اُسی طرح تُو نے اپنی قَوم کی ہدایت کی تاکہ تُو اپنے لِئے جلِیل نام پَیدا کرے۔

رحمت اور مدد کے لِئے اِلتجا

15 آسمان پر سے نِگاہ کر اور اپنے مُقدّس اور جلِیل مسکن سے دیکھ ۔ تیری غَیرت اور تیری قُدرت کے کام کہاں ہیں؟ تیری دِلی رحمت اور تیری شفقت جو مُجھ پر تھی مَوقُوف ہو گئی۔

16 یقِیناً تُو ہمارا باپ ہے ۔ اگرچہ ابرہا م ہم سے ناواقِف ہو اور اِسرائیل ہم کو نہ پہچانے ۔ تُو اَے خُداوند ہمارا باپ اور فِدیہ دینے والا ہے ۔ تیرا نام ازل سے یِہی ہے۔

17 اَے خُداوند تُو نے ہم کو اپنی راہوں سے کیوں گُمراہ کِیا اور ہمارے دِلوں کو سخت کِیا کہ تُجھ سے نہ ڈریں؟ اپنے بندوں کی خاطِر اپنی مِیراث کے قبائِل کی خاطِر باز آ۔

18 تیرے مُقدّس لوگ تھوڑی دیر تک قابِض رہے ۔ اب ہمارے دُشمنوں نے تیرے مَقدِس کو پامال کر ڈالا ہے۔

19 ہم تو اُن کی مانِند ہُوئے جِن پر تُو نے کبھی حُکومت نہ کی اور جو تیرے نام سے نہیں کہلاتے۔

یسعیاہ 64

1 کاشکہ تُو آسمان کو پھاڑے اور اُتر آئے کہ تیرے حضُور میں پہاڑ لرزِش کھائیں۔

2 جِس طرح آگ سُوکھی ڈالِیوں کو جلاتی ہے اور پانی آگ سے جوش مارتا ہے تاکہ تیرا نام تیرے مُخالِفوں میں مشہُور ہو اور قَومیں تیرے حضُور میں لرزان ہوں!۔

3 جِس وقت تُو نے مُہِیب کام کِئے جِن کے ہم مُنتظِر نہ تھے تُو اُتر آیا اور پہاڑ تیرے حضُور کانپ گئے۔

4 کیونکہ اِبتدا ہی سے نہ کِسی نے سُنا نہ کِسی کے کان تک پُہنچا اور نہ آنکھوں نے تیرے سِوا اَیسے خُدا کو دیکھا جو اپنے اِنتظار کرنے والے کے لِئے کُچھ کر دِکھائے۔

5 تُو اُس سے مِلتا ہے جو خُوشی سے صداقت کے کام کرتاہے اور اُن سے جو تیری راہوں میں تُجھے یاد رکھتے ہیں ۔ دیکھ تُو غضب ناک ہُؤا کیونکہ ہم نے گُناہ کِیا اورمُدّت تک اُسی میں رہے ۔ کیا ہم نجات پائیں گے؟۔

6 اور ہم تو سب کے سب اَیسے ہیں جَیسے ناپاک چِیز اور ہماری تمام راست بازی ناپاک لِباس کی مانِند ہے اور ہم سب پتّے کی طرح کُملا جاتے ہیں اور ہماری بدکرداری آندھی کی مانِند ہم کو اُڑا لے جاتی ہے۔

7 اور کوئی نہیں جو تیرا نام لے ۔ جو اپنے آپ کو آمادہ کرے کہ تُجھ سے لِپٹا رہے کیونکہ ہماری بدکرداری کے سبب سے تُو ہم سے رُوپوش ہُؤا اور ہم کو پِگھلا ڈالا۔

8 تَو بھی اَے خُداوند! تُو ہمارا باپ ہے ۔ ہم مِٹّی ہیں اور تُو ہمارا کُمہار ہے اور ہم سب کے سب تیری دستکاری ہیں۔

9 اَے خُداوند! غضبناک نہ ہو اور بدکرداری کو ہمیشہ تک یاد نہ رکھ ۔ دیکھ ہم تیری مِنّت کرتے ہیں ۔ ہم سب تیرے لوگ ہیں۔

10 تیرے پاک شہر بیابان بن گئے ۔ صِیُّون سُنسان اور یروشلیِم وِیران ہے۔

11 ہمارا خُوش نُما مَقدِس جِس میں ہمارے باپ دادا تیری سِتایش کرتے تھے آگ سے جلایا گیا اور ہماری نفِیس چِیزیں برباد ہو گئِیں۔

12 اَے خُداوند! کیا تُو اِس پر بھی اپنے آپ کو روکے گا؟کیا تُو خاموش رہے گا اور ہم کو یُوں بدحال کرے گا؟۔

یسعیاہ 65

خُداوند سر کَشوں کو سزا دیتا ہے

1 جو میرے طالِب نہ تھے مَیں اُن کی طرف مُتوجّہِ ہُؤا ۔ جِنہوں نے مُجھے ڈُھونڈا نہ تھا مُجھے پا لِیا ۔ مَیں نے ایک قَوم سے جو میرے نام سے نہیں کہلاتی تھی فرمایادیکھ مَیں حاضِر ہُوں۔

2 مَیں نے سرکش لوگوں کی طرف جو اپنی فِکروں کی پَیروی میں بُری راہ پر چلتے ہیں ہمیشہ ہاتھ پَھیلائے۔

3 اَیسے لوگ جو ہمیشہ میرے رُوبرُو باغوں میں قُربانیاں کرنے اور اِینٹوں پر خُوشبُو جلانے سے مُجھے برافروختہ کرتے ہیں۔

4 جو قبروں میں بَیٹھتے اور پوشِیدہ جگہوں میں رات کاٹتے اورسُؤر کا گوشت کھاتے ہیں اور جِن کے برتنوں میں نفرتی چِیزوں کا شوربا مَوجُود ہے۔

5 جو کہتے ہیں تُو الگ ہی کھڑا رہ ۔ میرے نزدِیک نہ آ کیونکہ مَیں تُجھ سے زِیادہ پاک ہُوں ۔ یہ میری ناک میں دُھوئیں کی مانِند اور دِن بھر جلنے والی آگ کی طرح ہیں۔

6 دیکھو میرے آگے یہ قلمبند ہُؤا ہے ۔ پس مَیں خاموش نہ رہُوں گا بلکہ بدلہ دُوں گا ۔ خُداوند فرماتا ہے ہاں اُن کی گود میں ڈال دُوں گا۔

7 تُمہاری اور تُمہارے باپ دادا کی بدکرداری کا بدلہ اِکٹّھا دُوں گا جو پہاڑوں پر خُوشبُو جلاتے اور ٹِیلوں پر میری تکفِیر کرتے تھے ۔ پس مَیں پہلے اُن کے کاموں کو اُن کی گود میں ناپ کر دُوں گا۔

8 خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ جِس طرح شِیرہ خوشۂِ انگُور میں مَوجُود ہے اور کوئی کہے اُسے خراب نہ کر کیونکہ اُس میں برکت ہے اُسی طرح مَیں اپنے بندوں کی خاطِر کرُوں گاتاکہ اُن سب کو ہلاک نہ کرُوں۔

9 اور مَیں یعقُو ب میں سے ایک نسل اور یہُودا ہ میں سے اپنے کوہِستان کا وارِث برپا کرُوں گا اور میرے برگُزِیدہ لوگ اُس کے وارِث ہوں گے اور میرے بندے وہاں بسیں گے۔

10 اور شارُو ن گلّوں کا گھر ہو گا اور عکُور کی وادی بَیلوں کے بَیٹھنے کا مقام میرے اُن لوگوں کے لِئے جو میرے طالِب ہُوئے۔

11 لیکن تُم جو خُداوند کو ترک کرتے اور اُس کے کوہِ مُقدّس کو فراموش کرتے اور مُشتر ی کے لِئے دسترخوان چُنتے اور زُہر ہ کے لِئے شرابِ ممزُوج کا جام پُر کرتے ہو۔

12 مَیں تُم کو گِن گِن کر تلوار کے حوالہ کرُوں گا اور تُم سب ذبح ہونے کے لِئے خم ہو گے کیونکہ جب مَیں نے بُلایا تو تُم نے جواب نہ دِیا ۔ جب مَیں نے کلام کِیا تو تُم نے نہ سُنا بلکہ تُم نے وُہی کِیا جو میری نظر میں بُرا تھا اور وہ چِیز پسند کی جِس سے مَیں خُوش نہ تھا۔

13 اِس لِئے خُداوند خُدا یُوں فرماتا ہے کہ دیکھو میرے بندے کھائیں گے پر تُم بُھوکے رہو گے ۔ میرے بندے پِئیں گے پر تُم پِیاسے رہو گے ۔ میرے بندے شادمان ہوں گے پر تُم شرمِندہ ہو گے۔

14 اور میرے بندے دِل کی خُوشی سے گائیں گے پر تُم دِ ل گِیری کے سبب سے نالان ہو گے اور جانکاہی سے واوَیلا کرو گے۔

15 اور تُم اپنا نام میرے برگُزِیدوں کی لَعنت کے لِئے چھوڑ جاؤ گے ۔ خُداوند خُدا تُم کو قتل کرے گا اور اپنے بندوں کو ایک دُوسرے نام سے بُلائے گا۔

16 یہاں تک کہ جو کوئی رُویِ زمِین پر اپنے لِئے دُعایِ خَیر کرے خُدایِ برحق کے نام سے کرے گا اور جو کوئی زمِین میں قَسم کھائے خُدایِ برحق کے نام سے کھائے گا کیونکہ گُذشتہ مُصِیبتیں فراموش ہو گئِیں اور وہ میری آنکھوں سے پوشِیدہ ہیں۔

نئی مخلُوقات

17 کیونکہ دیکھو مَیں نئے آسمان اور نئی زمِین کو پَیدا کرتا ہُوں اور پہلی چِیزوں کا پِھر ذِکر نہ ہو گا اور وہ خیال میں نہ آئیں گی۔

18 بلکہ تُم میری اِس نئی خِلقت سے ابدی خُوشی اور شادمانی کرو کیونکہ دیکھو مَیں یروشلیِم کو خُوشی اور اُس کے لوگوں کو خُرّمی بناؤُں گا۔

19 اور مَیں یروشلیِم سے خُوش اور اپنے لوگوں سے مسرُور ہُوں گا اور اُس میں رونے کی صدا اور نالہ کی آواز پِھرکبھی سُنائی نہ دے گی۔

20 پِھر کبھی وہاں کوئی اَیسا لڑکا نہ ہو گا جو کم عُمر رہے اور نہ کوئی اَیسا بُوڑھا جو اپنی عُمر پُوری نہ کرے کیونکہ لڑکا سَو برس کا ہو کر مَرے گا اور جو گُنہگارسَو برس کا ہو جائے ملعُون ہو گا۔

21 وہ گھر بنائیں گے اور اُن میں بسیں گے۔ وہ تاکِستان لگائیں گے اور اُن کے میوے کھائیں گے۔

22 نہ کہ وہ بنائیں اور دُوسرا بسے ۔ وہ لگائیں اور دُوسراکھائے کیونکہ میرے بندوں کے ایّام درخت کے ایّام کی مانِند ہوں گے اور میرے برگُزِیدے اپنے ہاتھوں کے کام سے مُدّتوں تک فائِدہ اُٹھائیں گے۔

23 اُن کی مِحنت بے سُود نہ ہو گی اور اُن کی اَولاد ناگہان ہلاک نہ ہو گی کیونکہ وہ اپنی اَولاد سمیت خُداوند کے مُبارک لوگوں کی نسل ہیں۔

24 اور یُوں ہو گا کہ مَیں اُن کے پُکارنے سے پہلے جواب دُوں گا اور وہ ہنُوز کہہ نہ چُکیں گے کہ مَیں سُن لُوں گا۔

25 بھیڑِیا اور برّہ اِکٹّھے چریں گے اور شیرِ بَبر بَیل کی مانِند بُھوسا کھائے گا اور سانپ کی خُوراک خاک ہو گی ۔ وہ میرے تمام کوہِ مُقدّس پر نہ ضرر پُہنچائیں گے نہ ہلاک کریں گے خُداوند فرماتا ہے۔

یسعیاہ 66

خُداوند قَوموں کی عدالت کرتا ہے

1 خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ آسمان میرا تخت ہے اور زمِین میرے پاؤں کی چَوکی ۔ تُم میرے لِئے کَیسا گھربناؤ گے اور کَون سی جگہ میری آرام گاہ ہو گی؟۔

2 کیونکہ یہ سب چِیزیں تو میرے ہاتھ نے بنائِیں اور یُوں مَوجُود ہُوئِیں خُداوند فرماتا ہے لیکن مَیں اُس شخص پر نِگاہ کرُوں گا ۔ اُسی پر جو غرِیب اور شِکستہ دِل ہے اور میرے کلام سے کانپ جاتا ہے۔

3 جو بَیل ذبح کرتا ہے اُس کی مانِند ہے جو کِسی آدمی کو مار ڈالتا ہے اور جو برّہ کی قُربانی کرتا ہے اُس کے برابرہے جو کُتّے کی گردن کاٹتا ہے ۔ جو ہدیہ لاتا ہے گویاسُورَ کا لہُو گُذرانتا ہے ۔ جو لُبان جلاتا ہے اُس کی مانِند ہے جو بُت کو مُبارک کہتا ہے ۔ ہاں اُنہوں نے اپنی اپنی راہیں چُن لِیں اور اُن کے دِل اُن کی نفرتی چِیزوں سے مسرُور ہیں۔

4 مَیں بھی اُن کے لِئے آفتوں کو چُن لُوں گا اور جِن باتوں سے وہ ڈرتے ہیں اُن پر لاؤُں گا کیونکہ جب مَیں نے پُکاراتو کِسی نے جواب نہ دِیا ۔ جب مَیں نے کلام کِیا تو اُنہوں نے نہ سُنا بلکہ اُنہوں نے وُہی کِیا جو میری نظر میں بُرا تھا اور وہ چِیز پسند کی جِس سے مَیں خُوش نہ تھا۔

5 خُداوند کی بات سُنو اَے تُم جو اُس کے کلام سے کانپتے ہو! تُمہارے بھائی جو تُم سے کِینہ رکھتے ہیں اور میرے نام کی خاطِر تُم کو خارِج کر دیتے ہیں کہتے ہیں خُداوندکی تمجِید کرو تاکہ ہم تُمہاری خُوشی کو دیکھیں لیکن وُہی شرمِندہ ہوں گے۔

6 شہر سے ہجُوم کا شور! ہَیکل کی طرف سے ایک نِدا! خُداوند کی آواز ہے جو اپنے دُشمنوں کو بدلہ دیتا ہے۔

7 پیشتر اِس سے کہ اُسے درد لگے اُس نے جنم دِیا اور اِس سے پہلے کہ اُس کو درد ہو اُس سے بیٹا پَیدا ہُؤا۔

8 اَیسی بات کِس نے سُنی؟ اَیسی چِیزیں کِس نے دیکِھیں؟کیا ایک دِن میں کوئی مُلک پَیدا ہو سکتا ہے؟ کیا یکبارگی ایک قَوم پَیدا ہو جائے گی؟ کیونکہ صِیُّون کو درد لگے ہی تھے کہ اُس کی اَولاد پَیدا ہو گئی۔

9 خُداوند فرماتا ہے کیا مَیں اُسے وِلادت کے وقت تک لاؤُں اور پِھر اُس سے وِلادت نہ کراؤُں؟ تیرا خُدا فرماتاہے کیا مَیں جو وِلادت تک لاتا ہُوں وِلادت سے باز رکُھّوں؟۔

10 تُم یروشلیِم کے ساتھ خُوشی مُنائو اور اُس کے سبب

سے شادمان ہو ۔

اُس کے سب دوستو ۔ جو اُس کے لِئے ماتم کرتے

تھے اُس کے ساتھ نِہایت خُوش ہو۔

11 تاکہ تُم دُودھ پِیو اور اُس کے تسلّی کے پِستانوں

سے سیر ہو

تاکہ تُم نِچوڑو اور اُس کی شَوکت کی فراوانی سے

حظّ اُٹھاؤ۔

12 کیونکہ خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ دیکھ مَیں سلامتی نہر کی مانِند اور قَوموں کی دَولت سَیلاب کی طرح اُس کے پاس رواں کرُوں گا تب تُم دُودھ پِیو گے اور بغل میں اُٹھائے جاؤ گے اور گُھٹنوں پر کُدائے جاؤ گے۔

13 جِس طرح ماں اپنے بیٹے کو دِلاسا دیتی ہے اُسی طرح مَیں تُم کو دِلاسا دُوں گا ۔ یروشلیِم ہی میں تُم تسلّی پاؤ گے۔

14 اور تُم دیکھو گے اور تُمہارا دِل خُوش ہو گا اور تُمہاری ہڈّ ِیاں سبزہ کی مانِند نشو و نُما پائیں گی اور خُداوندکا ہاتھ اپنے بندوں پر ظاہِر ہو گا پر اُس کا قہر اُس کے دُشمنوں پر بھڑکے گا۔

15 کیونکہ دیکھو خُداوند آگ کے ساتھ آئے گا اور اُس کے رتھ گِردباد کی مانِند ہوں گے تاکہ اپنے قہر کو جوش کے ساتھ اور اپنی تنبِیہہ کو آگ کے شُعلہ میں ظاہِر کرے۔

16 کیونکہ آگ سے اور اپنی تلوار سے خُداوند تمام بنی آدم کا مُقابلہ کرے گا اور خُداوند کے مقتُول بُہت سے ہوں گے۔

17 وہ جو باغوں کے وسط میں کِسی کے پِیچھے کھڑے ہونے کے لِئے اپنے آپ کو پاک و صاف کرتے ہیں جو سُؤر کا گوشت اور مکرُوہ چِیزیں اور چُوہے کھاتے ہیں خُداوند فرماتا ہے وہ باہم فنا ہو جائیں گے۔

18 اور مَیں اُن کے کام اور اُن کے منصُوبے جانتا ہُوں ۔ وہ وقت آتا ہے کہ مَیں تمام قَوموں اور اہلِ لُغت کوجمع کرُوں گا اور وہ آئیں گے اور میرا جلال دیکھیں گے۔

19 تب مَیں اُن کے درمِیان ایک نِشان نصب کرُوں گا اور مَیں

اُن کو جو اُن میں سے بچ نِکلیں قَوموں کی طرف بھیجُوں گایعنی ترسِیس اور پُول اور لُود کو جو تِیرانداز ہیں اور تُوبل اور یاوا ن کو اور دُور کے جزِیروں کو جِنہوں نے میری شُہرت نہیں سُنی اور میرا جلال نہیں دیکھا اوروہ قَوموں کے درمیان میرا جلال بیان کریں گے۔

20 اور خُداوند فرماتا ہے کہ وہ تُمہارے سب بھائیوں کو تمام قَوموں میں سے گھوڑوں اور رتھوں پر اور پالکِیوں میں اور خچّروں پر اور سانڈنیوں پر بِٹھا کر خُداوندکے ہدیہ کے لِئے یروشلیِم میں میرے کوہِ مُقدّس کو لائیں گے جِس طرح سے بنی اِسرائیل خُداوند کے گھر میں پاک برتنوں میں ہدیہ لاتے ہیں۔

21 اور خُداوند فرماتا ہے کہ مَیں اُن میں سے بھی کاہِن اور لاوی ہونے کے لِئے لُوں گا۔

22 خُداوند فرماتا ہے جِس طرح نیا آسمان اور نئی زمِین جو مَیں بناؤُں گا میرے حضُور قائِم رہیں گے اُسی طرح تُمہاری نسل اور تُمہارا نام باقی رہے گا۔

23 اور یُوں ہو گا خُداوند فرماتا ہے کہ ایک نئے چاند سے دُوسرے تک اور ایک سبت سے دُوسرے تک ہر فردِ بشر عِبادت کے لِئے میرے حضُور آئے گا۔

24 اور وہ نِکل نِکل کر اُن لوگوں کی لاشوں پر جو مُجھ سے باغی ہُوئے نظر کریں گے کیونکہ اُن کا کِیڑا نہ مَرے گااور اُن کی آگ نہ بُجھے گی اور وہ تمام بنی آدم کے لِئے نفرتی ہوں گے۔