یسعیاہ 47

1 اَے کُنواری دُخترِ بابل ! اُتر آ

اور خاک پر بَیٹھ ۔

اَے کسدیوں کی دُختر! تُو بے تخت زمِین پر بَیٹھ

کیونکہ اب تُو نرم اندام اور نازنِین نہ کہلائے گی۔

2 چکّی لے اور آٹا پِیس

اپنا نِقاب اُتار اور دامن سمیٹ لے ۔

ٹانگیں ننگی کر کے ندیوں کو عبُور کر۔

3 تیرا بدن بے پردہ کِیا جائے گا

بلکہ تیرا ستر بھی دیکھاجائے گا ۔

مَیں بدلہ لُوں گا اور کِسی پر شفقت نہ کرُوں گا۔

4 ہمارا فِدیہ دینے والے کا نام ربُّ الافواج یعنی

اِسرائیل کا قُدُّوس ہے۔

5 اَے کسدِیوں کی بیٹی

چُپ ہو کر بَیٹھ اور اندھیرے میں داخِل ہو

کیونکہ اب تُو مملکتوں کی خاتُون نہ کہلائے گی۔

6 مَیں اپنے لوگوں پر غَضب ناک ہُؤا ۔ مَیں نے اپنی

مِیراث کو ناپاک کِیا

اور اُن کو تیرے ہاتھ میں سَونپ دِیا ۔تُو نے اُن

پر رحم نہ کِیا ۔

تُو نے بُوڑھوں پر بھی اپنابھاری جُؤا رکھّا۔

7 اور تُو نے کہا بھی کہ مَیں ابد تک خاتُون بنی رہُوں گی۔

سو تُو نے اپنے دِل میں اِن باتوں کا خیال نہ کِیا

اور اِن کے انجام کو نہ سوچا۔

8 پس اب یہ بات سُن ۔ اَے تُو جو عِشرت میں غرق

ہے ۔جو بے پروا رہتی ہے ۔

جو اپنے دِل میں کہتی ہے کہ مَیں ہُوں

اور میرے سِوا کوئی نہیں ۔

مَیں بیوہ کی طرح نہ بَیٹُھوں گی

اور نہ بے اَولاد ہونے کی حالت سے واقِف

ہُوں گی۔

9 سو ناگہان ایک ہی دِن میں

یہ دو مُصِیبتیں تُجھ پرآ پڑیں گی

یعنی تُو بے اَولاد اور بیوہ ہو جائے گی ۔

تیرے جادُو کی اِفراط اور تیرے سِحر کی کثرت

کے باوُجُود یہ مُصِیبتیں پُورے طَور سے تُجھ پر

آپڑیں گی۔

10 کیونکہ تُو نے اپنی شرارت پر بھروسا کِیا ۔

تُو نے کہا مُجھے کوئی نہیں دیکھتا ۔

تیری حِکمت اور تیری دانِش نے تُجھے بہکایا

اور تُو نے اپنے دِل میں کہا مَیں ہی ہُوں

اور میرے سِوا اَور کوئی نہیں۔

11 اِس لِئے تُجھ پر مُصِیبت آ پڑے گی

جِس کا مَنتر تُو نہیں جانتی اور اَیسی بلا تُجھ پر نازِل

ہو گی جِس کو تُو دُورنہ کر سکے گی ۔

یکایک تباہی تُجھ پر آئے گی جِس کی تُجھ کوکُچھ خبر

نہیں۔

12 اب اپنا جادُو اور اپناسارا سِحر

جِس کی تُو نے بچپن ہی سے مشق کر رکھّی ہے

اِستعمال کر ۔

شاید تُو اُن سے نفع پائے ۔

شاید تُو غالِب آئے۔

13 تُو اپنی مشوَرتوں کی کثرت سے تھک گئی ۔

اب افلاک پَیما اور مُنّجِم

اور وہ جو ماہ بماہ آیندہ حالات دریافت کرتے ہیں

اُٹھیں اور جو کُچھ تُجھ پر آنے والا ہے اُس سے

تُجھ کو بچائیں۔

14 دیکھ وہ بُھوسے کی مانِند ہوں گے ۔

آگ اُن کو جلائے گی۔

وہ اپنے آپ کو شُعلہ کی شِدّت سے بچا نہ سکیں

گے ۔

یہ آگ نہ تاپنے کے انگارے ہو گی نہ اُس کے

پاس بَیٹھ سکیں گے۔

15 جِن کے لِئے تُو نے مِحنت کی تیرے لِئے اَیسے ہی

ہوں گے۔

جِن کے ساتھ تُو نے اپنی جوانی ہی سے تِجارت کی

اُن میں سے ہر ایک اپنی راہ لے گا ۔

تُجھ کو بچانے والا کوئی نہ رہے گا۔

یسعیاہ 48

خُدامُستقبِل کا خُداوند ہے

1 یہ بات سُنو اَے یعقُو ب کے گھرانے جو اِسرائیل

کے نام سے کہلاتے ہو اور یہُودا ہ کے چشمہ سے

نِکلے ہو

جوخُداوند کا نام لے کر قَسم کھاتے ہو

اور اِسرائیل کے خُدا کا اِقرار کرتے ہو

پر امانت اور صداقت سے نہیں۔

2 کیونکہ وہ شہر قُدس کے لوگ کہلاتے ہیں

اور اِسرائیل کے خُدا پر توکُّل کرتے ہیں

جِس کا نام ربُّ الافواج ہے۔

3 مَیں نے قدِیم سے ہونے والی باتوں کی خبر دی

ہے ۔ ہاں وہ میرے مُنہ سے نِکلِیں ۔ مَیں نے

اُن کو ظاہِر کِیا۔

مَیں ناگہان اُن کو عمل میں لایا اور وہ وقُوع میں

آئِیں۔

4 چُونکہ مَیں جانتا تھا کہ تُو ضِدّی ہے

اور تیری گردن کا پٹھا لوہے کا ہے اور تیری پیشانی

پِیتل کی ہے۔

5 اِس لِئے مَیں نے قدِیم ہی سے یہ باتیں تُجھے

کہہ سُنائِیں

اور اُن کے واقِع ہونے سے پیشتر تُجھ پر ظاہِر کر دِیا

تا نہ ہو کہ تُو کہے

میرے بُت نے یہ کام کِیا اور میرے کھودے

ہُوئے صنم نے اور میری ڈھالی ہُوئی

مُورت نے یہ باتیں فرمائِیں۔

6 تُو نے یہ سُنا ہے سو اِس سب پر توجُّہ کر ۔

کیا تُم اِس کا اِقرار نہ کرو گے؟

اب مَیں تُجھے نئی چِیزیں اورپوشِیدہ باتیں

جِن سے تُو واقِف نہ تھا دِکھاتا ہُوں۔

7 وہ ابھی خلق کی گئی ہیں ۔

قدِیم سے نہیں

بلکہ آج سے پہلے تُو نے اُن کو سُنا بھی نہ تھا تا نہ

ہو کہ تُوکہے دیکھ مَیں جانتا تھا۔

8 ہاں تُو نے نہ سُنا نہ جانا ۔

ہاں قدِیم ہی سے تیرے کان کُھلے نہ تھے

کیونکہ مَیں جانتا تھا کہ تُو بِالکُل بے وفا ہے

اور رَحِم ہی سے خطاکار کہلاتا ہے۔

9 مَیں اپنے نام کی خاطِر

اپنے غضب میں تاخِیر کرُوں گا

اور اپنے جلال کی خاطِر تُجھ سے باز رہُوں گا

کہ تُجھے کاٹ نہ ڈالُوں۔

10 دیکھ مَیں نے تُجھے صاف کِیا

لیکن چاندی کی مانِندنہیں ۔

مَیں نے مُصِیبت کی کُٹھالی میں تُجھے صاف کِیا۔

11 مَیں نے اپنی خاطِر ہاں اپنی ہی خاطِر یہ کِیا ہے

کیونکہ میرے نام کی تکفِیر کیوں ہو؟

مَیں تو اپنی شَوکت دُوسرے کو نہیں دینے کا۔

خورس ، خُداوندکا چُنا ہُؤا لیڈر

12 اَے یعقُو ب! میری سُن اور اَے اِسرائیل جو میرا

بُلایا ہُؤا ہے!

مَیں وُہی ہُوں ۔ مَیں ہی اوّل اور مَیں ہی

آخِر ہُوں۔

13 یقِیناً میرے ہی ہاتھ نے زمِین کی بُنیاد ڈالی

اورمیرے دہنے ہاتھ نے آسمان کو پَھیلایا ۔

مَیں اُن کو پُکارتاہُوں

اور وہ حاضِر ہو جاتے ہیں۔

14 تُم سب جمع ہو کر سُنو ۔

اُن میں سے کِس نے اِن باتوں کی خبر دی

ہے؟ وہ جِسے خُداوند نے پسند کِیا ہے

اُس کی خُوشی کو بابل کے مُتعلِّق عمل میں

لائے گا

اور اُسی کا ہاتھ کسدیوں کی مُخالفت میں ہو گا۔

15 مَیں نے ہاں مَیں ہی نے کہا ۔ مَیں ہی نے اُسے بُلایا۔

مَیں اُسے لایا ہُوں اور وہ اپنی روِش میں

برومند ہوگا۔

16 میرے نزدِیک آؤ اور یہ سُنو ۔

مَیں نے شرُوع ہی سے پوشِیدگی میں کلام

نہیں کِیا ۔

جِس وقت سے کہ وہ تھامَیں وہِیں تھا

اور اب خُداوند خُدا نے اور اُس کی رُوح نے مُجھ کو بھیجا ہے۔ اپنی اُمّت کے لِئے خُداوندکا منصُوبہ

17 خُداوند تیرا فِدیہ دینے والا اِسرائیل کا قُدُّوس یُوں

فرماتا ہے کہ

مَیں ہی خُداوند تیرا خُدا ہُوں جوتُجھے مُفِید تعلِیم

دیتا ہُوں

اور تُجھے اُس راہ میں جِس میں تُجھے جانا ہے لے

چلتا ہُوں۔

18 کاش کہ تُو میرے احکام کا شِنوا ہوتا

اور تیری سلامتی نہر کی مانِند اور تیری صداقت

سمُندر کی مَوجوں کی مانِندہوتی۔

19 تیری نسل ریت کی مانِند ہوتی اور تیرے صُلبی فرزند

اُس کے ذرّوں کی مانِند بکثرت ہوتے

اور اُس کا نام میرے حضُور سے کاٹا اور مِٹایا

نہ جاتا۔

20 تُم بابل سے نِکلو ۔ کسدیوں کے درمِیان سے

بھاگو۔ نغمہ کی آواز سے بیان کرو ۔ اِسے مشہُور

کرو ۔ ہاں اِس کی خبر زمِین کے کناروں

تک پُہنچاؤ ۔

کہتے جاؤ کہ خُداوند نے اپنے خادِم یعقُو ب کا

فِدیہ دِیا۔

21 اور جب وہ اُن کو بیابان میں سے لے گیا

تو وہ پِیاسے نہ ہُوئے ۔

اُس نے اُن کے لِئے چٹان میں سے پانی نِکالا۔

اُس نے چٹان کو چِیرا اور پانی پُھوٹ نِکلا۔

22 خُداوند فرماتا ہے کہ شرِیروں کے لِئے سلامتی نہیں۔

یسعیاہ 49

اِسرا ئیل قَوموں کے لِئے نُور

1 اَے جزِیرو میری سُنو! اَے اُمّتو جو دُور ہو کان لگاؤ!

خُداوند نے مُجھے رَحِم ہی سے بُلایا ۔

بطنِ مادر ہی سے اُس نے میرے نام کا ذِکر کِیا۔

2 اور اُس نے میرے مُنہ کو تیز تلوار کی مانِند بنایا

اور مُجھ کو اپنے ہاتھ کے سایہ تلے چُھپایا

اُس نے مُجھے تیرِ آب دار کِیا اور اپنے ترکش

میں مُجھے چُھپا رکھّا۔

3 اور اُس نے مُجھ سے کہا تُو میرا خادِم ہے ۔

تُجھ میں اَے اِسرائیل مَیں اپنا جلال ظاہِر

کرُوں گا۔

4 تب مَیں نے کہا مَیں نے بے فائِدہ مشقّت اُٹھائی ۔

مَیں نے اپنی قُوّت بے فائِدہ بطالت میں

صَرف کی

تَوبھی یقِیناً میرا حق خُداوند کے ساتھ

اور میرا اجر میرے خُدا کے پاس ہے۔

5 چُونکہ مَیں خُداوند کی نظر میں جلِیلُ القدر ہُوں اور

وہ میری توانائی ہے اِس لِئے وہ جِس نے مُجھے

رَحِم ہی سے بنایا

تاکہ اُس کا خادِم ہو کر یعقُو ب کو اُس کے پاس

واپس لاؤُں

اور اِسرائیل کو اُس کے پاس جمع کرُوں یُوں

فرماتا ہے۔

6 ہاں خُداوند فرماتا ہے کہ

یہ تو ہلکی سی بات ہے کہ تُو یعقُو ب کے قبائِل کو

برپا کرنے

اور محفُوظ اِسرائیلِیوں کو واپس لانے کے لِئے میرا

خادِم ہو

بلکہ مَیں تُجھ کوقَوموں کے لِئے نُور بناؤُں گا

کہ تُجھ سے میری نجات زمِین کے کناروں

تک پُہنچے۔

7 خُداوند اِسرائیل کا فِدیہ دینے والا

اور اُس کا قُدُّوس اُس کو جِسے اِنسان حقِیر جانتا ہے

اور جِس سے قَوم کونفرت ہے

اور جو حاکِموں کا چاکر ہے یُوں فرماتا ہے کہ

بادشاہ دیکھیں گے اور اُٹھ کھڑے ہوں گے

اور اُمرا سِجدہ کریں گے ۔

خُداوند کے لِئے جو صادِقُ القَول اور اِسرائیل کا

قُدُّوس ہے

جِس نے تُجھے برگُزِیدہ کِیا ہے۔

یروشلیِم کی بحالی

8 خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ

مَیں نے قبُولِیّت کے وقت تیری سُنی

اور نجات کے دِن تیری مدد کی

اور مَیں تیری حِفاظت کرُوں گا

اور لوگوں کے لِئے تُجھے ایک عہد ٹھہراؤُں گا

تاکہ مُلک کو بحال کرے اور وِیران مِیراث

وارِثوں کودے۔

9 تاکہ تُو قَیدیوں کو کہے کہ نِکل چلو

اور اُن کوجو اندھیرے میں ہیں

کہ اپنے آپ کو دِکھلاؤ ۔

وہ راستوں میں چریں گے اور سب ننگے ٹِیلے

اُن کی چراگاہیں ہوں گے۔

10 وہ نہ بُھوکے ہوں گے نہ پِیاسے

اور نہ گرمی اور دُھوپ سے اُن کو ضرر پُہنچے گا

کیونکہ وہ جِس کی رحمت اُن پر ہے اُن کا رہنُما ہو گا

اور پانی کے سوتوں کی طرف اُن کی رہبری

کرے گا۔

11 اور مَیں اپنے سارے کوہِستان کو ایک راستہ بنا

دُوں گا

اور میری شاہراہیں اُونچی کی جائیں گی۔

12 دیکھ یہ دُور سے

اور یہ شِمال اور مغرِب سے اور یہ سِینِیم کے

مُلک سے آئیں گے۔

13 اَے آسمانو گاؤ! اَے زمِین شادمان ہو!

اَے پہاڑ و نغمہ پردازی کرو!

کیونکہ خُداوند نے اپنے لوگوں کو تسلّی بخشی ہے

اور اپنے رنجُوروں پر رحم فرمائے گا۔

14 لیکن صِیُّون کہتی ہے

یہووا ہ نے مُجھے ترک کِیا ہے

اور خُداوند مُجھے بُھول گیا ہے۔

15 کیا یہ مُمکِن ہے کہ کوئی ماں اپنے شِیرخوار بچّے کو

بُھول جائے

اور اپنے رَحِم کے فرزند پر ترس نہ کھائے؟

ہاں وہ شاید بُھول جائے

پر مَیں تُجھے نہ بُھولُوں گا۔

16 دیکھ مَیں نے تیری صُورت اپنی ہتھیلِیوں پر کھود

رکھّی ہے

اور تیری شہر پناہ ہمیشہ میرے سامنے ہے۔

17 تیرے فرزند جلدی کرتے ہیں

اور وہ جو تُجھے برباد کرنے اور اُجاڑنے والے

تھے تُجھ سے نِکل جائیں گے۔

18 اپنی آنکھیں اُٹھا کر چاروں طرف نظر کر ۔

یہ سب کے سب مِل کر اِکٹّھے ہوتے ہیں اور

تیرے پاس آتے ہیں ۔

خُداوندفرماتا ہے مُجھے اپنی حیات کی قَسم کہ

تُو یقِیناً اِن سب کو زیور کی مانِند پہن لے گی

اور اِن سے دُلہن کی مانِندآراستہ ہو گی۔

19 کیونکہ تیری وِیران اور اُجڑی جگہوں میں

اور تیرے بربادمُلک میں اب یقِیناً بسنے والے

گُنجایش سے زِیادہ ہوں گے

اور تُجھ کو غارت کرنے والے دُور ہو جائیں گے۔

20 بلکہ تیرے وہ بیٹے جو تُجھ سے لے لِئے گئے تھے

تیرے کانوں میں پِھر کہیں گے

کہ بسنے کی جگہ بُہت تنگ ہے ۔ہم کو بسنے کی

جگہ دے۔

21 تب تُو اپنے دِل میں کہے گی کَون میرے لِئے اِن

کا باپ ہُؤا؟

کہ مَیں تو لاولد ہو گئی اور اکیلی تھی ۔

مَیں تو جلاوطنی اور آوارگی میں رہی

سو کِس نے اِن کو پالا؟

دیکھ مَیں تو اکیلی رہ گئی تھی پِھر یہ کہاں تھے؟۔

22 خُداوند خُدا یُوں فرماتا ہے

کہ دیکھ مَیں قَوموں پر ہاتھ اُٹھاؤُں گا

اور اُمّتوں پر اپنا جھنڈا کھڑا کرُوں گا

اور وہ تیرے بیٹوں کو اپنی گود میں لِئے آئیں گے

اور تیری بیٹِیوں کو اپنے کندھوں پر بِٹھا

کر پُہنچائیں گے۔

23 اور بادشاہ تیرے مُربیّ ہوں گے

اور اُن کی بِیوِیاں تیری دایہ ہوں گی ۔

وہ تیرے سامنے مُنہ کے بل زمِین پر گِریں گے

اور تیرے پاؤں کی خاک چاٹیں گے

اور تُو جانے گی کہ مَیں ہی خُداوند ہُوں

جِس کے مُنتظِر شرمِندہ نہ ہوں گے۔

24 کیا زبردست سے شِکار چِھین لِیا جائے گا؟

اور کیا راست بازکے قَیدی چُھڑا لِئے جائیں گے؟۔

25 خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ

زورآور کے اسِیر بھی لے لِئے جائیں گے

اور مُہِیب کا شِکار چُھڑا لِیا جائے گا

کیونکہ مَیں اُس سے جو تیرے ساتھ جھگڑتا ہے

جھگڑا کرُوں گا

اور تیرے فرزندوں کو بچا لُوں گا۔

26 اور مَیں تُم پر ظُلم کرنے والوں کو اُن ہی کا گوشت

کِھلاؤُں گا

اور وہ مِیٹھی مَے کی مانِند اپنا ہی لہُوپی کر بدمست

ہو جائیں گے

اور ہر فردِ بشر جانے گا کہ مَیں خُداوند تیرا نجات

دینے والا

اور یعقُو ب کا قادِر تیرافِدیہ دینے والا ہُوں۔

یسعیاہ 50

1 خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ

تیری ماں کا طلاق نامہ جِسے لِکھ کر مَیں نے

اُسے چھوڑ دِیا کہاں ہے؟

یا اپنے قرض خواہوں میں سے کِس کے ہاتھ

مَیں نے تُم کو بیچا؟

دیکھو تُم اپنی شرارتوں کے سبب سے بِک گئے

اور تُمہاری خطاؤں کے باعِث تُمہاری ماں کو

طلاق دی گئی۔

2 پس کِس لِئے جب مَیں آیا تو کوئی آدمی نہ تھا؟

اورجب مَیں نے پُکارا تو کوئی جواب دینے والا

نہ ہُؤا؟

کیا میرا ہاتھ اَیسا کوتاہ ہو گیا ہے کہ چُھڑا نہیں

سکتا؟

اور کیا مُجھ میں نجات دینے کی قُدرت نہیں؟

دیکھومَیں اپنی ایک دھمکی سے سمُندر کو سُکھا دیتا ہُوں

اورنہروں کو صحرا کر ڈالتا ہُوں ۔

اُن میں کی مچھلِیاں پانی کے نہ ہونے سے بدبُو

ہو جاتی ہیں اور پِیاس سے مَر جاتی ہیں۔

3 مَیں آسمان کو سِیاہ پوش کرتا ہُوں اور اُس کو ٹاٹ

اُڑھاتاہُوں۔

خُداوندکے خادِم کی فرماں برداری

4 خُداوند خُدا نے مُجھ کو شاگِرد کی زُبان بخشی

تاکہ مَیں جانُوں کہ کلام کے وسِیلہ سے کِس

طرح تھکے ماندے کی مدد کرُوں۔

وہ مُجھے ہر صُبح جگاتا ہے

اور میرا کان لگاتا ہے تاکہ شاگِردوں کی طرح

سنُوں۔

5 خُداوند خُدا نے میرے کان کھول دِئے

اور مَیں باغی و برگشتہ نہ ہُؤا۔

6 مَیں نے اپنی پِیٹھ پِیٹنے والوں کے

اور اپنی داڑھی نوچنے والوں کے حوالہ کی ۔

مَیں نے اپنا مُنہ رُسوائی

اور تُھوک سے نہیں چُھپایا۔

7 پر خُداوند خُدا میری حِمایت کرے گا

اور اِس لِئے مَیں شرمِندہ نہ ہُوں گا

اور اِسی لِئے مَیں نے اپنا مُنہ سنگِ خارا کی مانِند بنایا

اور مُجھے یقِین ہے کہ مَیں شرمسار نہ ہُوں گا۔

8 مُجھے راست باز ٹھہرانے والا نزدِیک ہے ۔

کَون مُجھ سے جھگڑا کرے گا؟

آؤ ہم آمنے سامنے کھڑے ہوں ۔

میرا مُخالِف کَون ہے؟ وہ میرے پاس آئے۔

9 دیکھو خُداوند خُدا میری حِمایت کرے گا ۔

کَون مُجھے مُجرِم ٹھہرائے گا؟

دیکھ وہ سب کپڑے کی مانِند پُرانے ہو جائیں گے ۔

اُن کو کِیڑے کھا جائیں گے۔

10 تُمہارے درمِیان کَون ہے جو خُداوند سے ڈرتا اور

اُس کے خادِم کی باتیں سُنتا ہے؟

جو اندھیرے میں چلتا اور رَوشنی نہیں پاتا ۔

وہ خُداوند کے نام پر توکُّل کرے اور اپنے خُدا پر

بھروسا رکھّے۔

11 دیکھو تُم سب جو آگ سُلگاتے ہو

اور اپنے آپ کو انگاروں سے گھیر لیتے ہو

اپنی ہی آگ کے شُعلوں میں اور اپنے سُلگائے

ہُوئے انگاروں میں چلو ۔

تُم میرے ہاتھ سے یِہی پاؤ گے ۔

تُم عذاب میں لیٹ رہو گے۔

یسعیاہ 51

یروشلیِم کے لِئے تسلّی بخش باتیں

1 اَے لوگو جو صداقت کی پَیروی کرتے ہو اور خُداوندکے جویان ہو میری سُنو!

اُس چٹان پر جِس میں سے تُم کاٹے گئے ہو

اور اُس گڑھے کے سُوراخ پر جہاں سے تُم کھودے

گئے ہو نظر کرو۔

2 اپنے باپ ابرہا م پر

اور سار ہ پر جِس سے تُم پَیدا ہُوئے نِگاہ کرو

کہ جب مَیں نے اُسے بُلایا وہ اکیلاتھا

پر مَیں نے اُس کو برکت دی اور اُس کو کثرت بخشی۔

3 یقِیناً خُداوند صِیُّون کو تسلّی دے گا ۔

وہ اُس کے تمام وِیرانوں کی دِل داری کرے گا ۔

وہ اُس کا بیابان عدن کی مانِند اور اُس کا صحرا

خُداوند کے باغ کی مانِند بنائے گا۔

خُوشی اور شادمانی اُس میں پائی جائے گی ۔

شُکرگُذاری اور گانے کی آواز اُس میں ہو گی۔

4 میری طرف مُتوجِّہ ہو اَے میرے لوگو! میری طرف

کان لگا

اَے میری اُمّت! کیونکہ شرِیعت مُجھ سے صادِر

ہوگی اور مَیں اپنے عدل کو لوگوں کی رَوشنی کے

لِئے قائِم کرُوں گا۔

5 میری صداقت نزدِیک ہے۔ میری نجات ظاہِرہے

اور میرے بازُو لوگوں پر حُکمرانی کریں گے ۔

جزِیرے میرا اِنتظارکریں گے اور میرے بازُو پر

اُن کا توکُّل ہو گا۔

6 اپنی آنکھیں آسمان کی طرف اُٹھاؤ اور نِیچے زمِین

پر نِگاہ کرو

کیونکہ آسمان دُھوئیں کی مانِند غائِب ہوجائیں گے

اور زمِین کپڑے کی طرح پُرانی ہو جائے گی

اوراُس کے باشِندے مچھّروں کی طرح مَر

جائیں گے

لیکن میری نجات ابد تک رہے گی اور میری

صداقت مَوقُوف نہ ہو گی۔

7 اَے صداقت شِناسو! میری سُنو ۔

اَے لوگو جِن کے دِل میں میری شرِیعت ہے!

اِنسان کی ملامت سے نہ ڈرو اور اُن کی طعنہ زنی

سے ہِراسان نہ ہو۔

8 کیونکہ کِیڑا اُن کو کپڑے کی مانِند کھائے گا اور کِرم

اُن کو پشمِینہ کی طرح کھا جائے گا

لیکن میری صداقت ابدتک رہے گی اور میری

نجات پُشت در پُشت۔

9 جاگ جاگ اَے خُداوند کے بازُو ۔ توانائی سے

مُلبّس ہو! جاگ جَیسا قدِیم زمانہ میں اور گُذشتہ

پُشتوں میں ۔

کیا تُو وُہی نہیں جِس نے رہب کو ٹُکڑے ٹُکڑے

کِیااور اژدہا کو چھیدا؟۔

10 کیا تُو وُہی نہیں جِس نے سمُندر یعنی بحرِ عمِیق کے

پانی کو سُکھا ڈالا ۔

جِس نے بحر کی تہ کو راستہ بناڈالا

تاکہ جِن کا فِدیہ دِیا گیا اُسے عبُور کریں؟۔

11 سو وہ جِن کو خُداوند نے مخلصی بخشی لَوٹیں گے اور

گاتے ہُوئے صِیُّون میں آئیں گے

اور ابدی سرُور اُن کے سروں پر ہو گا ۔

وہ خُوشی اور شادمانی حاصِل کریں گے اور غم و اندوہ

کافُور ہو جائیں گے۔

12 تُم کو تسلّی دینے والا مَیں ہی ہُوں ۔

تُو کَون ہے جو فانی اِنسان سے اور آدم زاد سے

جو گھاس کی مانِند ہوجائے گا ڈرتا ہے۔

13 اور خُداوند اپنے خالِق کو بُھول گیا ہے

جِس نے آسمان کو تانا

اور زمِین کی بُنیاد ڈالی

اور تُو ہر وقت ظالِم کے جوش و خروش سے

کہ گویا وہ ہلاک کرنے کو تیّار ہے ڈرتا ہے؟

پر ظالِم کا جوش و خروش کہاں ہے؟۔

14 جلاوطن اسِیر جلدی سے آزاد کِیا جائے گا ۔

وہ غار میں نہ مَرے گا اور اُس کی روٹی کم نہ ہو گی۔

15 کیونکہ مَیں ہی خُداوند تیرا خُدا ہُوں جو مَوجزن

سمُندرکو تھما دیتا ہُوں ۔

میرا نام ربُّ الافواج ہے۔

16 اور مَیں نے اپنا کلام تیرے مُنہ میں ڈالا

اور تُجھے اپنے ہاتھ کے سایہ تلے چُھپا رکھّا

تاکہ افلاک کو برپاکرُوں اور زمِین کی بُنیاد ڈالُوں

اور اہلِ صِیُّون سے کہُوں کہ تُم میرے لوگ ہو۔

یروشلیِم کے دُکھوں کا خاتمہ

17 جاگ جاگ! اُٹھ اَے یروشلیِم !

تُو نے خُداوند کے ہاتھ سے اُس کے غضب کا

پِیالہ پِیا ۔

تُو نے ڈگمگانے کا جام تلچھٹ سمیت پی لِیا۔

18 اُن سب بیٹوں میں جو اُس سے پَیدا ہُوئے کوئی

نہیں جو اُس کا رہنُما ہو اور اُن سب بیٹوں میں

جِن کو اُس نے پالا

ایک بھی نہیں جو اُس کا ہاتھ پکڑے۔

19 یہ دو حادثے تُجھ پر آ پڑے ۔ کَون تیرا غم خوار

ہوگا؟

وِیرانی اور ہلاکت ۔ کال اور تلوار ۔ مَیں کیونکر

تُجھے تسلّی دُوں؟۔

20 تیرے بیٹے ہر کُوچہ کے مدخل میں اَیسے بے ہوش پڑے ہیں جَیسے ہرن دَام میں ۔

وہ خُداوند کے غضب اور تیرے خُداکی دھمکی

سے بے خُود ہیں۔

21 پس اب تُو جو بدحال اور مست ہے پر مَے سے

نہیں یہ بات سُن۔

22 تیرا خُداوند یہووا ہ ہاں تیرا خُدا جو اپنے لوگوں کی

وکالت کرتا ہے ۔ یُوں فرماتا ہے کہ

دیکھ مَیں ڈگمگانے کا پِیالہ

اور اپنے قہر کا جام تیرے ہاتھ سے لے لُوں گا۔

تُو اُسے پِھر کبھی نہ پِئے گی۔

23 اور مَیں اُسے اُن کے ہاتھ میں دُوں گا

جو تُجھے دُکھ دیتے اور جو تُجھ سے کہتے تھے کہ

جُھک جا تاکہ ہم تیرے اُوپر سے گُذریں

اور تُو نے اپنی پِیٹھ کو گویا زمِین بلکہ گُذرنے

والوں کے لِئے سڑک بنا دِیا۔

یسعیاہ 52

خُداوند یروشلیِم کو چُھڑائے گا

1 جاگ جاگ اَے صِیُّون اپنی شَوکت سے مُلبّس ہو!

اَے یروشلیِم مُقدّس شہر اپنا خُوش نُما لِباس پہن

لے!

کیونکہ آگے کو کوئی نامختُون یا ناپاک تُجھ میں کبھی

داخِل نہ ہو گا۔

2 اپنے اُوپر سے گرد جھاڑ دے ۔

اُٹھ کر بَیٹھ ۔ اَے یروشلیِم !

اَے اسِیر دُخترِ صِیُّون ! اپنی گردن کے بندھنوں

کو کھول ڈال۔

3 کیونکہ خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ تُم مُفت بیچے گئے اور تُم بے زر ہی آزاد کِئے جاؤ گے۔

4 خُداوند خُدا یُوں فرماتا ہے کہ میرے لوگ اِبتدا میں مِصر کو گئے کہ وہاں مُسافِر ہو کر رہیں ۔ اسُوریوں نے بھی بے سبب اُن پر ظُلم کِیا۔

5 پس خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ اب میرا یہاں کیا کام حالانکہ میرے لوگ مُفت اسِیری میں گئے ہیں؟ وہ جو اُن پر مُسلّط ہیں للکارتے ہیں خُداوند فرماتا ہے اور ہرروز مُتواتِر میرے نام کی تکفِیر کی جاتی ہے۔

6 یقِیناً میرے لوگ میرا نام جانیں گے اور اُس روز سمجھیں گے کہ کہنے والا مَیں ہی ہُوں ۔ دیکھو مَیں حاضِر ہُوں۔

7 اُس کے پاؤں پہاڑوں پر کیا ہی خُوش نُما ہیں

جو خُو ش خبری لاتا ہے اور سلامتی کی مُنادی کرتا ہے اور

خَیرِیت کی خبر اور نجات کا اِشتِہار دیتا ہے ۔

جو صِیُّون سے کہتا ہے تیرا خُدا سلطنت کرتا ہے۔

8 اپنے نِگہبانوں کی آواز سُن ۔

وہ اپنی آواز بُلند کرتے ہیں ۔

وہ آواز مِلا کر گاتے ہیں کیونکہ جب خُداوند صِیُّون

کو واپس آئے گا تو وہ اُسے رُوبرُو

دیکھیں گے۔

9 اَے یروشلیِم کے وِیرانو! خُوشی سے للکارو ۔ مِل

کرنغمہ سرائی کرو

کیونکہ خُداوند نے اپنی قَوم کو دِلاسادِیا ۔ اُس

نے یروشلیِم کا فِدیہ دِیا۔

10 خُداوند نے اپنا پاک بازُو تمام قَوموں کی آنکھوں

کے سامنے ننگا کِیا ہے

اور زمِین سراسر ہمارے خُدا کی نجات کو دیکھے

گی۔

11 اَے خُداوند کے ظرُوف اُٹھانے والو! روانہ ہو

روانہ ہو ۔ وہاں سے چلے جاؤ ۔

ناپاک چِیزوں کو ہاتھ نہ لگاؤ۔

اُس کے درمِیان سے نِکل جاؤ اور پاک ہو۔

12 کیونکہ تُم نہ تو جلد نِکل جاؤ گے اور نہ بھاگنے والے

کی طرح چلو گے

کیونکہ خُداوند تُمہارا ہراول اور اِسرا ئیل کا خُدا

تُمہارا چنڈاول ہو گا۔

دُکھ اُٹھانے والا خادِم

13 دیکھو میرا خادِم اِقبال مند ہو گا ۔

وہ اعلیٰ و برتراور نِہایت بُلند ہو گا۔

14 جِس طرح بُہتیرے تُجھ کو دیکھ کر دنگ ہو گئے

(اُس کا چِہرہ ہر ایک بشر سے زائِد اور اُس کا جِسم

بنی آدم سے زِیادہ بِگڑ گیا تھا)۔

15 اُسی طرح وہ بُہت سی قَوموں کو پاک کرے گا ۔

اور بادشاہ اُس کے سامنے خاموش ہوں گے

کیونکہ جو کُچھ اُن سے کہا نہ گیا تھا وہ دیکھیں گے

اور جو کُچھ اُنہوں نے سُنا نہ تھاوہ سمجھیں

گے۔

یسعیاہ 53

1 ہمارے پَیغام پر کَون اِیمان لایا؟

اور خُداوند کابازُو کِس پر ظاہِر ہُؤا؟۔

2 پر وہ اُس کے آگے کونپل کی طرح اور خُشک زمِین

سے جڑکی مانِند پُھوٹ نِکلا ہے ۔

نہ اُس کی کوئی شکل و صُورت ہے نہ خُوب صُورتی

اور جب ہم اُس پر نِگاہ کریں

تو کُچھ حُسن و جمال نہیں کہ ہم اُس کے مُشتاق

ہوں۔

3 وہ آدمِیوں میں حقِیر و مردُود ۔

مَردِ غم ناک اور رنج کا آشنا تھا ۔

لوگ اُس سے گویا رُوپوش تھے

اُس کی تحقِیرکی گئی اور ہم نے اُس کی کُچھ قدر نہ

جانی۔

4 تَو بھی اُس نے ہماری مشقّتیں اُٹھا لِیں

اور ہمارے غموں کو برداشت کِیا ۔

پر ہم نے اُسے خُدا کا مارا کُوٹااور ستایا ہُؤا سمجھا۔

5 حالانکہ وہ ہماری خطاؤں کے سبب سے گھایل کِیا گیا

اور ہماری بدکرداری کے باعِث کُچلا گیا ۔

ہماری ہی سلامتی کے لِئے اُس پر سیاست ہُوئی

تاکہ اُس کے مار کھانے سے ہم شِفا پائیں۔

6 ہم سب بھیڑوں کی مانِند بھٹک گئے ۔

ہم میں سے ہر ایک اپنی راہ کو پِھرا

پر خُداوند نے ہم سب کی بدکرداری اُس پر لادی۔

7 وہ ستایا گیا تَو بھی اُس نے برداشت کی

اور مُنہ نہ کھولا ۔

جِس طرح برّہ جِسے ذبح کرنے کو لے جاتے ہیں

اورجِس طرح بھیڑ اپنے بال کترنے والوں

کے سامنے بے زُبان ہے

اُسی طرح وہ خاموش رہا۔

8 وہ ظُلم کر کے اور فتویٰ لگا کر اُسے لے گئے

پر اُس کے زمانہ کے لوگوں میں سے کِس نے

خیال کِیا

کہ وہ زِندوں کی زمِین سے کاٹ ڈالا گیا؟

میرے لوگوں کی خطاؤں کے سبب سے اُس پر

مار پڑی۔

9 اُس کی قبر بھی شرِیروں کے درمِیان ٹھہرائی گئی

اوروہ اپنی مَوت میں دَولت مندوں کے ساتھ مُؤا

حالانکہ اُس نے کِسی طرح کا ظُلم نہ کِیا

اور اُس کے مُنہ میں ہرگِزچھل نہ تھا۔

10 لیکن خُداوند کو پسند آیا کہ اُسے کُچلے ۔ اُس نے

اُسے غمگِین کِیا ۔

جب اُس کی جان گُناہ کی قُربانی کے لِئے گُذرانی

جائے گی

تو وہ اپنی نسل کو دیکھے گا ۔

اُس کی عُمر دراز ہو گی اور خُداوند کی مرضی اُس

کے ہاتھ کے وسِیلہ سے پُوری ہو گی۔

11 اپنی جان ہی کا دُکھ اُٹھا کر وہ اُسے دیکھے گا اور

سیر ہو گا ۔

اپنے ہی عِرفان سے میرا صادِق خادِم بُہتوں کو

راست باز ٹھہرائے گا

کیونکہ وہ اُن کی بدکرداری خُوداُٹھا لے گا۔

12 اِس لِئے مَیں اُسے بزُرگوں کے ساتھ حِصّہ دُوں گا

اوروہ لُوٹ کا مال زورآوروں کے ساتھ بانٹ

لے گا

کیونکہ اُس نے اپنی جان مَوت کے لِئے اُنڈیل دی

اور وہ خطاکاروں کے ساتھ شُمار کِیا گیا

تَو بھی اُس نے بُہتوں کے گُناہ اُٹھا لِئے اور

خطاکاروں کی شفاعت کی۔

یسعیاہ 54

اِسرا ئیل کے لِئے خُداوند کی مُحبّت

1 اَے بانجھ تُو جو بے اَولاد تھی

نغمہ سرائی کر! تُوجِس نے وِلادت کا درد برداشت

نہیں کیا خُوشی سے گا اورزور سے چِلاّ

کیونکہ خُداوند فرماتا ہے کہ بے کس چھوڑی ہُوئی

کی اَولاد شَوہر والی کی اَولاد سے زِیادہ

ہے۔

2 اپنی خَیمہ گاہ کو وسِیع کر دے ہاں اپنے مسکنوں کے

پردے پَھیلا ۔

دریغ نہ کر ۔ اپنی ڈورِیاں لمبی اور اپنی میخیں

مضبُوط کر۔

3 اِس لِئے کہ تُو دہنی اور بائِیں طرف بڑھے گی

اور تیری نسل قَوموں کی وارِث ہو گی

اور وِیران شہروں کو بسائے گی۔

4 خَوف نہ کر کیونکہ تُو پِھر پشیمان نہ ہو گی ۔

تُونہ گھبرا کیونکہ تُو پِھر رُسوا نہ ہو گی اور اپنی جوانی

کا ننگ بُھول جائے گی

اور اپنی بیوگی کی عار کو پِھر یادنہ کرے گی۔

5 کیونکہ تیرا خالِق تیرا شَوہر ہے۔

اُس کا نام ربُّ الافواج ہے

اور تیرا فِدیہ دینے والا اِسرائیل کا قُدُّوس ہے ۔

وہ تمام رُویِ زمِین کا خُدا کہلائے گا۔

6 کیونکہ تیرا خُدا فرماتا ہے کہ خُداوند نے تُجھ کو مترُوکہ

اور دِل آزُردہ بِیوی کی طرح

ہاں جوانی کی مطلُوقہ بِیوی کی مانِند پِھر بُلایا ہے۔

7 مَیں نے ایک دَم کے لِئے تُجھے چھوڑ دِیا

لیکن رحمت کی فراوانی سے تُجھے لے لُوں گا۔

8 خُداوند تیرا نجات دینے والا فرماتا ہے کہ

قہر کی شِدّت میں مَیں نے ایک دَم کے لِئے تُجھ

سے مُنہ چُھپایا

پر اب مَیں ابدی شفقت سے تُجھ پر رحم کرُوں گا۔

9 کیونکہ میرے لِئے یہ طُوفانِ نُوح کا سا مُعاملہ ہے

کہ جِس طرح مَیں نے قَسم کھائی تھی کہ

پِھر زمِین پرنُوح کا سا طُوفان کبھی نہ آئے گا

اُسی طرح اب مَیں نے قَسم کھائی ہے کہ مَیں

تُجھ سے پِھر کبھی آزُردہ نہ ہُوں گا اور

تُجھ کو نہ گُھڑکُوں گا۔

10 خُداوند تُجھ پر رحم کرنے والا یُوں فرماتا ہے کہ

پہاڑ تو جاتے رہیں اور ٹِیلے ٹل جائیں

لیکن میری شفقت کبھی تُجھ پر سے جاتی نہ رہے

گی اور میرا صُلح کا عہد نہ ٹلے گا۔

مُستقبِل کا یروشلیِم

11 اَے مُصِیبت زدہ اور طُوفان کی ماری

اور تسلّی سے محرُوم!

دیکھ مَیں تیرے پتّھروں کو سِیاہ ریختہ میں لگاؤُں

گااور تیری بُنیاد نِیلم سے ڈالُوں گا۔

12 مَیں تیرے کُنگروں کولعلوں اور تیرے پھاٹکوں کو

شب چراغ

اور تیری ساری فصِیل بیش قِیمت پتّھروں سے

بناؤُں گا۔

13 اور تیرے سب فرزند خُداوند سے تعلیِم پائیں گے

اور تیرے فرزندوں کی سلامتی کامِل ہو گی۔

14 تُو راست بازی سے پایدار ہو جائے گی ۔

تُو ظُلم سے دُوررہے گی کیونکہ تُو بے خَوف ہو گی

اور دہشت سے دُور رہے گی

کیونکہ وہ تیرے قرِیب نہ آئے گی۔

15 مُمکِن ہے کہ وہ کبھی اِکٹّھے ہوں پر میرے حُکم سے

نہیں ۔

جو تیرے خِلاف جمع ہوں گے وہ تیرے ہی

سبب سے گِریں گے۔

16 دیکھ مَیں نے لُہار کو پَیدا کِیا جو کوئِلوں کی آگ

دَھونکتا اور اپنے کام کے لِئے ہتھیار نِکالتا ہے

اورغارت گر کو مَیں ہی نے پَیدا کِیا کہ لُوٹ مار

کرے۔

17 کوئی ہتھیار جو تیرے خِلاف بنایا جائے کام نہ

آئے گا

اور جو زُبان عدالت میں تُجھ پر چلے گی تُو اُسے

مُجرِم ٹھہرائے گی ۔

خُداوند فرماتا ہے یہ میرے بندوں کی مِیراث

ہے اور اُن کی راست بازی مُجھ سے ہے۔

یسعیاہ 55

خُداوندرحم کرتا ہے

1 اَے سب پِیاسو پانی کے پاس آؤ

اور وہ بھی جِس کے پاس پَیسہ نہ ہو ۔

آؤ مول لو اور کھاؤ ۔

ہاں آؤ! مَے اوردُودھ بے زر اور بے قِیمت

خرِیدو۔

2 تُم کِس لِئے اپنا رُوپیَہ اُس چِیز کے لِئے جو روٹی نہیں

اور اپنی مِحنت اُس چِیز کے واسطے جو آسُودہ نہیں

کرتی خرچ کرتے ہو؟

تُم غَور سے میری سُنو

اور وہ چِیزجو اچّھی ہے کھاؤ اور تُمہاری جان

فربَہی سے لذّت اُٹھائے۔

3 کان لگاؤ اور میرے پاس آؤ ۔

سُنو اور تُمہاری جان زِندہ رہے گی

اور مَیں تُم کو ابدی عہد یعنی داؤُد کی سچّی نِعمتیں

بخشُوں گا۔

4 دیکھو مَیں نے اُسے اُمّتوں کے لِئے گواہ مُقرّر کِیا

بلکہ اُمّتوں کا پیشوا اور فرماں روا۔

5 دیکھ تُو ایک اَیسی قَوم کو

جِسے تُو نہیں جانتا بُلائے گااور ایک اَیسی قَوم جو

تُجھے نہیں جانتی تھی

خُداوندتیرے خُدا اور اِسرائیل کے قُدُّوس کی

خاطِر تیرے پاس دَوڑی آئے گی کیونکہ

اُس نے تُجھے جلال بخشا ہے۔

6 جب تک خُداوند مِل سکتا ہے اُس کے طالِب ہو ۔

جب تک وہ نزدِیک ہے اُسے پُکارو۔

7 شرِیر اپنی راہ کو ترک کرے

اور بدکردار اپنے خیالوں کو

اور وہ خُداوند کی طرف پِھرے

اور وہ اُس پر رحم کرے گا اور ہمارے خُدا کی

طرف کیونکہ وہ کثرت سے مُعاف

کرے گا۔

8 خُداوند فرماتا ہے کہ میرے خیال تُمہارے خیال نہیں

اور نہ تُمہاری راہیں میری راہیں ہیں۔

9 کیونکہ جِس قدر آسمان زمِین سے بُلند ہے

اُسی قدر میری راہیں تُمہاری راہوں سے اور

میرے خیال تُمہارے خیالوں سے

بُلندہیں۔

10 کیونکہ جِس طرح آسمان سے بارِش ہوتی اور برف

پڑتی ہے

اور پِھر وہ وہاں واپس نہیں جاتی بلکہ زمِین کو

سیراب کرتی ہے

اور اُس کی شادابی اور روئیدگی کا باعِث ہوتی ہے

تاکہ بونے والے کو بِیج اور کھانے والے کو روٹی

دے۔

11 اُسی طرح میرا کلام جو میرے مُنہ سے نِکلتا ہے ہو گا۔

وہ بے انجام میرے پاس واپس نہ آئے گا

بلکہ جو کُچھ میری خواہِش ہو گی وہ اُسے پُورا

کرے گا

اور اُس کام میں جِس کے لِئے مَیں نے اُسے بھیجا

مُوثّرِ ہو گا۔

12 کیونکہ تُم خُوشی سے نِکلو گے

اور سلامتی کے ساتھ روانہ کِئے جاؤ گے ۔

پہاڑ اور ٹِیلے تُمہارے سامنے نغمہ پردازہوں گے

اور مَیدان کے سب درخت تال دیں گے۔

13 کانٹوں کی جگہ صنَوبر نِکلے گا

اور جھاڑی کے بدلے آس کا درخت ہو گا

اور یہ خُداوند کے لِئے نام اور ابدی نِشان ہو گا

جو کبھی مُنقطع نہ ہو گا۔

یسعیاہ 56

خُداوندکی اُمّت میں ساری قَومیں شامِل ہوں گی

1 خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ عدل کو قائِم رکھّو اورصداقت کو عمل میں لاؤ کیونکہ میری نجات نزدِیک ہے اورمیری صداقت ظاہِر ہونے والی ہے۔

2 مُبارک ہے وہ اِنسان جو اِس پر عمل کرتا ہے اور وہ آدم زاد جو اِس پر قائِم رہتا ہے جو سبت کو مانتا اوراُسے ناپاک نہیں کرتا اور اپنا ہاتھ ہر طرح کی بدی سے باز رکھتا ہے۔

3 اور بے گانہ کا فرزند جو خُداوند سے مِل گیا ہرگِز نہ کہے خُداوند مُجھ کو اپنے لوگوں سے جُدا کر دے گا

اور خوجہ نہ کہے کہ دیکھو مَیں تو سُوکھا درخت ہُوں۔

4 کیونکہ خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ وہ خوجے جو میرے سبتوں کو مانتے ہیں اور اُن کاموں کو جو مُجھے پسند ہیں اِختیار کرتے ہیں اور میرے عہد پر قائِم رہتے ہیں۔

5 مَیں اُن کو اپنے گھر میں اور اپنی چاردِیواری کے اندراَیسا نام و نِشان بخشُوں گا جو بیٹوں اور بیٹِیوں سے بھی بڑھ کر ہو گا ۔ مَیں ہر ایک کو ایک ابدی نام دُوں گاجو مِٹایا نہ جائے گا۔

6 اور بے گانہ کی اَولاد بھی جِنہوں نے اپنے آپ کو خُداوند سے پَیوستہ کِیا ہے کہ اُس کی خِدمت کریں اور خُداوندکے نام کو عزِیز رکھّیں اور اُس کے بندے ہوں۔ وہ سب جوسبت کو حِفظ کر کے اُسے ناپاک نہ کریں اور میرے عہد پرقائِم رہیں۔

7 مَیں اُن کو بھی اپنے کوہِ مُقدّس پر لاؤُں گا اور اپنی عِبادت گاہ میں اُن کو شادمان کرُوں گا اور اُن کی سوختنی قُربانِیاں اور اُن کے ذبِیحے میرے مذبح پر مقبُول ہوں گے کیونکہ میرا گھر سب لوگوں کی عِبادت گاہ کہلائے گا۔

8 خُداوند خُدا جو اِسرائیل کے پراگندہ لوگوں کو جمع کرنے والا ہے یُوں فرماتا ہے کہ مَیں اُن کے سِوا جواُسی کے ہو کر جمع ہُوئے ہیں اَوروں کو بھی اُس کے پاس جمع کرُوں گا۔

اِسرا ئیل کے رہنُماؤں کی مُذمّت

9 اَے دشتی حَیوانو تُم سب کے سب کھانے کو آؤ! ہاں اَے جنگل کے سب درِندو۔

10 اُس کے نِگہبان اندھے ہیں ۔ وہ سب جاہِل ہیں ۔ وہ سب گُونگے کُتّے ہیں جو بَھونک نہیں سکتے ۔ وہ خواب دیکھنے والے ہیں جو پڑے رہتے ہیں اور اُونگھتے رہنا پسند کرتے ہیں۔

11 اور وہ لالچی کُتّے ہیں جو کبھی سیر نہیں ہوتے ۔ وہ نادان چرواہے ہیں ۔ وہ سب اپنی اپنی راہ کو پِھر گئے۔ ہر ایک ہر طرف سے اپنا ہی نفع ڈُھونڈتا ہے۔

12 ہر ایک کہتا ہے تُم آؤ ۔ مَیں شراب لاؤُں گا اور ہم خُوب نشہ میں چُور ہوں گے اور کل بھی آج ہی کی طرح ہوگا بلکہ اِس سے بُہت بِہتر۔