یسعیاہ 37

بادشاہ یسعیاہ سے مشوَرہ مانگتاہے

1 جب حِزقیاہ بادشاہ نے یہ سُنا تُو اپنے کپڑے پھاڑے اور ٹاٹ اوڑھ کر خُداوند کے گھر میں گیا۔

2 اور اُس نے گھر کے دِیوان الِیاقِیم اور شبنا ہ مُنشی اور کاہِنوں کے بزُرگوں کو ٹاٹ اُڑھا کر آمُوص کے بیٹے یسعیا ہ نبی کے پاس بھیجا۔

3 اور اُنہوں نے اُس سے کہا کہ حِزقیاہ یُوں کہتاہے کہ آج کا دِن دُکھ اور ملامت اور تَوہِین کا دِن ہے کیونکہ بچّے پَیدا ہونے پر ہیں اور وِلادت کی طاقت نہیں۔

4 شاید خُداوند تیرا خُدا ربشا قی کی باتیں سُنے گا جِسے اُس کے آقا شاہِ اسُور نے بھیجا ہے کہ زِندہ خُدا کی تَوہِین کرے اور جو باتیں خُداوند تیرے خُدا نے سُنِیں اُن پر وہ ملامت کرے گا ۔ پس تُو اُس بقِیّہ کے لِئے جومَوجُود ہے دُعا کر۔

5 پس حِزقیاہ بادشاہ کے مُلازِم یسعیا ہ کے پاس آئے۔

6 اور یسعیا ہ نے اُن سے کہا تُم اپنے آقا سے یُوں کہناکہ خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ تُو اُن باتوں سے جوتُو نے سُنی ہیں جِن سے شاہِ اسُور کے مُلازِموں نے میری تکفِیر کی ہے ہِراسان نہ ہو۔

7 دیکھ مَیں اُس میں ایک رُوح ڈال دُوں گا اور وہ ایک افواہ سُن کر اپنے مُلک کو لَوٹ جائے گا اور مَیں اُسے اُسی کے مُلک میں تلوار سے مَروا ڈالُوں گا۔

اسُوری دوبارہ دھمکی دیتے ہیں

8 سو ربشاقی لَوٹ گیا اور اُس نے شاہِ اسُور کو لِبناہ سے لڑتے پایا کیونکہ اُس نے سُنا تھا کہ وہ لکِیس سے چلا گیا ہے۔

9 اور اُس نے کُوش کے بادشاہ تِرہاقہ کی بابت سُناکہ وہ تُجھ سے لڑنے کو نِکلا ہے اور جب اُس نے یہ سُناتو حِزقیاہ کے پاس ایلچی بھیجے اور کہا۔

10 شاہِ یہُودا ہ حِزقیاہ سے یُوں کہنا کہ تیرا خُدا جِس پر تیرا بھروسا ہے تُجھے یہ کہہ کر فریب نہ دے کہ یروشلیِم شاہِ اسُور کے قبضہ میں نہ کِیا جائے گا۔

11 دیکھ تُو نے سُنا ہے کہ اسُور کے بادشاہوں نے تمام مُمالِک کو بِالکُل غارت کر کے اُن کا کیا حال بنایا ہے سو کیا تُو بچا رہے گا؟۔

12 کیا اُن قَوموں کے دیوتاؤں نے اُن کو یعنی جُوزا ن اورحارا ن اور رصف اور بنی عدن کو جو تِلسا ر میں تھے جِن کو ہمارے باپ دادا نے ہلاک کِیا چُھڑایا؟۔

13 حمات کا بادشاہ اور ارفا د کا بادشاہ اور شہر سِفروائِیم اور ہینع اور عِوّاہ کا بادشاہ کہاں ہیں؟۔

14 حِزقیا ہ نے ایلچیوں کے ہاتھ سے نامہ لِیا اور اُسے پڑھا اور حِزقیا ہ نے خُداوند کے گھر جا کر اُسے خُداوندکے حضُور پَھیلا دِیا۔

15 اور حِزقیاہ نے خُداوند سے یُوں دُعا کی۔

16 اَے ربُّ الافواج اِسرائیل کے خُدا ۔ کرُّوبیوں کے اُوپر بَیٹھنے والے! تُو ہی اکیلا زمِین کی سب سلطنتوں کا خُدا ہے۔ تُوہی نے آسمان اور زمِین کو پَیدا کِیا۔

17 اَے خُداوند کان لگا اور سُن ۔ اَے خُداوند اپنی آنکھیں کھول اور دیکھ اور سنحیرِ ب کی اِن سب باتوں کو جواُس نے زِندہ خُدا کی تَوہِین کرنے کے لِئے کہلا بھیجی ہیں سُن لے۔

18 اَے خُداوند! درحقِیقت اسُور کے بادشاہوں نے سب قَوموں کو اُن کے مُلکوں سمیت تباہ کِیا۔

19 اور اُن کے دیوتاؤں کو آگ میں ڈالا کیونکہ وہ خُدانہ تھے بلکہ آدمِیوں کی دست کاری تھے ۔ لکڑی اور پتّھر۔ اِس لِئے اُنہوں نے اُن کو نابُود کِیا ہے۔

20 سو اب اَے خُداوند ہمارے خُدا! تُو ہم کو اُس کے ہاتھ سے بچا لے تاکہ زمِین کی سب سلطنتیں جان لیں کہ تُوہی اکیلا خُداوند ہے۔ یسعیاہ کا پیغام بادشاہ کے نام

21 تب یسعیا ہ بِن آمُوص نے حِزقیاہ کو کہلا بھیجاکہ خُداوند اِسرائیل کا خُدا یُوں فرماتا ہے چُونکہ تُو نے شاہِ اسُور سنحیرِ ب کے خِلاف مُجھ سے دُعاکی ہے۔

22 اِس لِئے خُداوند نے اُس کے حق میں یُوں فرمایا ہے کہ کُنواری دُخترِ صِیُّون نے تیری تحقِیر کی اور تیرا مضحکہ اُڑایا ہے ۔ یروشلیِم کی بیٹی نے تُجھ پر سر ہِلایاہے۔

23 تُو نے کِس کی تَوہِین و تکفِیر کی ہے؟ تُو نے کِس کے خِلاف اپنی آواز بُلند کی اور اپنی آنکھیں اُوپر اُٹھائِیں؟اِسرائیل کے قُدُّوس کے خِلاف؟۔

24 تُو نے اپنے خادِموں کے ذرِیعہ سے خُداوند کی تَوہِین کی اور کہا کہ مَیں اپنے بُہت سے رتھوں کو ساتھ لے کرپہاڑوں کی چوٹیوں پر بلکہ لُبنا ن کے وسطی حِصّوں تک چڑھ آیا ہُوں اور مَیں اُس کے اُونچے اُونچے دیوداروں اور اچّھے سے اچّھے صنَوبر کے درختوں کو کاٹ ڈالُوں گااور مَیں اُس کے چوٹی پر کے زرخیز جنگل میں جا گُھسُوں گا۔

25 مَیں نے کھود کھود کر پانی پِیا ہے اور مَیں اپنے پاؤں کے تلوے سے مِصر کی سب ندیاں سُکھا ڈالُوں گا۔

26 کیا تُو نے نہیں سُنا کہ مُجھے یہ کِئے ہُوئے مُدّت ہُوئی اور مَیں نے قدِیم ایّام سے ٹھہرا دِیا تھا؟ اب مَیں نے اُسی کو پُورا کِیا ہے کہ تُو فصِیل دار شہروں کو اُجاڑ کر کھنڈر بنا دینے کے لِئے برپا ہو۔

27 اِسی سبب سے اُن کے باشِندے کمزور ہُوئے اور گھبرا گئے اور شرمِندہ ہُوئے ۔ وہ مَیدان کی گھاس اور پَود ۔ چھتوں پر کی گھاس اور کھیت کے اناج کی مانِند ہو گئے جو ابھی بڑھا نہ ہو۔

28 لیکن مَیں تیری نشِست اور آمد و رفت اور تیرا مُجھ پر جُھنجھلانا جانتا ہُوں۔

29 تیرے مُجھ پر جُھنجھلانے کے سبب سے اور اِس لِئے کہ تیرا گھمنڈ میرے کانوں تک پُہنچا ہے مَیں اپنی نکیل تیری ناک میں اور اپنی لگام تیرے مُنہ میں ڈالُوں گا اور تُوجِس راہ سے آیا ہے مَیں تُجھے اُسی راہ سے واپس لَوٹادُوں گا۔

30 اور تیرے لِئے یہ نِشان ہو گا کہ تُم اِس سال وہ چِیزیں جو ازخُود اُگتی ہیں اور دُوسرے سال وہ چِیزیں جو اُن سے پَیدا ہوں کھاؤ گے اور تِیسرے سال تُم بونا اور کاٹنااور تاکِستان لگا کر اُن کا پَھل کھانا۔

31 اور وہ بقِیّہ جو یہُودا ہ کے گھرانے سے بچ رہا ہے پِھر نِیچے کی طرف جڑ پکڑے گااور اُوپر کی طرف پَھل لائے گا۔

32 کیونکہ ایک بقِیّہ یروشلیِم میں سے اور وہ جو بچ رہے ہیں کوہِ صِیُّون سے نِکلیں گے ۔ ربُّ الافواج کی غیُوری یہ کر دِکھائے گی۔

33 سو خُداوند شاہِ اسُور کے حق میں یُوں فرماتا ہے کہ وہ اِس شہر میں آنے یا یہاں تِیر چلانے نہ پائے گا۔ وہ نہ تو سِپر لے کر اُس کے سامنے آنے اور نہ اُس کے مُقابِل دمدمہ باندھنے پائے گا۔

34 بلکہ خُداوند فرماتا ہے کہ جِس راہ سے وہ آیا اُسی راہ سے لَوٹ جائے گا اور اِس شہر میں آنے نہ پائے گا۔

35 کیونکہ مَیں اپنی خاطِر اور اپنے بندہ داؤُد کی خاطِر اِس شہر کی حمِایت کرکے اِسے بچاؤُں گا۔۔

36 پس خُداوند کے فرِشتہ نے اسُوریوں کی لشکر گاہ میں جا کر ایک لاکھ پچاسی ہزار آدمی جان سے مار ڈالے اورصُبح کو جب لوگ سویرے اُٹھے تو دیکھا کہ وہ سب مَرے پڑے ہیں۔

37 تب شاہِ اسُور سنحیرِ ب کُوچ کر کے وہاں سے چلاگیا اور لَوٹ کر نِینو ہ میں رہنے لگا۔

38 اور جب وہ اپنے دیوتا نِسرُو ک کے مندِر میں پُوجا کررہا تھا تو ادرمّلک اورشَراضر اُس کے بیٹوں نے اُسے تلوار سے قتل کِیا اور ارارا ط کی سرزمِین کو بھاگ گئے اور اُس کا بیٹا اسرحدُّو ن اُس کی جگہ بادشاہ ہُؤا۔

یسعیاہ 38

حِزقیاہ بادشاہ کی بِیماری اور صحت یابی

1 اُن ہی دِنوں میں حِزقیاہ اَیسا بِیمار پڑا کہ مَرنے کے قرِیب ہو گیا اور یسعیا ہ نبی آمُوص کے بیٹے نے اُس کے پاس آ کر اُس سے کہا کہ خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ تُو اپنے گھر کا اِنتظام کر دے کیونکہ تُومَرجائے گا اور بچنے کا نہیں۔

2 تب حِزقیاہ نے اپنا مُنہ دِیوار کی طرف کِیا اور خُداوند سے دُعا کی۔

3 اور کہا اَے خُداوند مَیں تیری مِنّت کرتا ہُوں یادفرما کہ مَیں تیرے حضُور سچّائی اور پُورے دِل سے چلتارہا ہُوں اور جو تیری نظر میں بھلا ہے وُہی کِیا ہے اورحِزقیاہ زار زار رویا۔

4 تب خُداوند کا یہ کلام یسعیا ہ پر نازِل ہُؤا۔

5 کہ جا اور حِزقیاہ سے کہہ کہ خُداوند تیرے باپ داؤُد کا خُدا یُوں فرماتا ہے کہ مَیں نے تیری دُعاسُنی ۔ مَیں نے تیرے آنسُو دیکھے۔ سو دیکھ مَیں تیری عُمر پندرہ برس اَور بڑھا دُوں گا۔

6 اور مَیں تُجھ کو اور اِس شہر کو شاہِ اسُور کے ہاتھ سے بچا لُوں گا اور مَیں اِس شہر کی حِمایت کرُوں گا۔

7 اور خُداوند کی طرف سے تیرے لِئے یہ نِشان ہو گا کہ خُداوند اِس بات کو جو اُس نے فرمائی پُورا کرے گا۔

8 دیکھ مَیں آفتاب کے ڈھلے ہُوئے سایہ کے درجوں میں سے آخز کی دُھوپ گھڑی کے مُطابِق دس درجہ پِیچھے کو لَوٹا دُوں گا ۔ چُنانچہ آفتاب جِن درجوں سے ڈھل گیا تھا اُن میں کے دس درجے پِھر لَوٹ گیا۔

9 شاہِ یہُودا ہ حِزقیاہ کی تحرِیر جب وہ بِیمار تھااوراپنی بِیماری سے شِفایاب ہُؤا۔

10 مَیں نے کہا مَیں اپنی آدھی عُمر میں

پاتال کے پھاٹکوں میں داخِل ہُوں گا۔

میری زِندگی کے باقی برس مُجھ سے چِھین لِئے

گئے۔

11 مَیں نے کہا مَیں خُداوند کو ہاں خُداوند کو

زِندوں کی زمِین میں پِھر نہ دیکُھوں گا۔

اِنسان اور دُنیا کے باشِندے مُجھے پِھر دِکھائی نہ

دیں گے۔

12 میرا گھر اُجڑ گیا ہے

اور گڈرئے کے خَیمہ کی مانِندمُجھ سے دُور کِیا گیا

مَیں نے جُلاہے کی مانِند اپنی زِندگانی کو لِپیٹ

لِیاہے ۔

وہ مُجھ کو تانت سے کاٹ ڈالے گا

صُبح سے شام تک تُو مُجھ کو تمام کر ڈالتا ہے ۔

13 مَیں نے صُبح تک تحمُّل کِیا ۔

تب وہ شیرِ بَبرکی مانِندمیری سب ہڈِّیاں چُور کر

ڈالتا ہے۔

صُبح سے شام تک تُو مُجھے تمام کر ڈالتا ہے ۔

14 مَیں ابابِیل اور سارس کی طرح چِیں چِیں کرتا رہا۔

مَیں کبُوتر کی طرح کُڑھتا رہا ۔

میری آنکھیں اُوپردیکھتے دیکھتے پتّھرا گئِیں۔

اَے خُداوند! مَیں بے کس ہُوں ۔ تُو میرا

کفِیل ہو۔

15 مَیں کیا کہُوں؟ اُس نے تو مُجھ سے وعدہ کِیا اور

اُسی نے اُسے پُورا کِیا۔

مَیں اپنی باقی عُمر اپنی جان کی تلخی کے سبب سے

آہِستہ آہِستہ بسر کرُوں گا۔

16 اَے خُداوند! اِن ہی چِیزوں سے اِنسان کی زِندگی ہے

اور اِن ہی میں میری رُوح کی حیات ہے۔

سو تُو ہی شِفا بخش اور مُجھے زِندہ رکھ۔

17 دیکھ میرا سخت رنج راحت سے تبدِیل ہُؤا۔

اور میری جان پر مِہربان ہو کر تُو نے اُسے نیستی

کے گڑھے سے رہائی دی۔

کیونکہ تُو نے میرے سب گُناہوں کو اپنی پِیٹھ

کے پِیچھے پھینک دِیا۔

18 اِس لِئے کہ پاتال تیری سِتایش نہیں کر سکتا اور

مَوت سے تیری حمد نہیں ہو سکتی۔

وہ جو گور میں اُترنے والے ہیں تیری سچّائی کے

اُمّیدوار نہیں ہو سکتے۔

19 زِندہ ہاں زِندہ ہی تیری سِتایش کرے گا ۔

جَیسا آج کے دِن مَیں کرتا ہُوں۔

باپ اپنی اَولاد کو تیری سچّائی کی خبر دے گا۔

20 خُداوند مُجھے بچانے کو تیّار ہے۔

اِس لِئے ہم اپنے تاردار سازوں کے ساتھ

عُمر بھر خُداوند کے گھر میں سرُود خوانی کرتے

رہیں گے۔

21 یسعیا ہ نے کہا تھا کہ انجِیر کی ٹِکیہ لے کر پھوڑے پر باندھیں اور وہ شِفا پائے گا۔

22 اور حِزقیاہ نے کہا تھا اِس کا کیا نِشان ہے کہ مَیں خُداوند کے گھر میں جاؤُں گا؟۔

یسعیاہ 39

بابل سے ایلچی آتے ہیں

1 اُس وقت مرودک بلدان بِن بلدا ن شاہِ بابل نے حِزقیاہ کے لِئے نامے اور تحائِف بھیجے کیونکہ اُس نے سُنا تھا کہ وہ بِیمار تھا اور شِفایاب ہُؤا۔

2 اور حِزقیاہ اُن سے بُہت خُوش ہُؤا اور اپنے خزانے یعنی چاندی اور سونا اور مصالِح اور بیش قِیمت عِطر اورتمام سِلا ح خانہ اور جو کُچھ اُس کے خزانوں میں مَوجُودتھا اُن کو دِکھایا ۔ اُس کے گھر میں اور اُس کی ساری مملکت میں اَیسی کوئی چِیز نہ تھی جو حِزقیاہ نے اُن کو نہ دِکھائی۔

3 تب یسعیا ہ نبی نے حِزقیاہ بادشاہ کے پاس آ کر اُس سے کہا کہ یہ لوگ کیا کہتے تھے اور یہ کہاں سے تیرے پاس آئے؟

حِزقیا ہ نے جواب دِیا کہ یہ ایک دُور کے مُلک یعنی بابل سے میرے پاس آئے ہیں۔

4 تب اُس نے پُوچھا کہ اُنہوں نے تیرے گھر میں کیا کیادیکھا؟

حِزقیا ہ نے جواب دِیا سب کُچھ جو میرے گھر میں ہے اُنہوں نے دیکھا ۔ میرے خزانوں میں اَیسی کوئی چِیزنہیں جو مَیں نے اُن کو دِکھائی نہ ہو۔

5 تب یسعیا ہ نے حِزقیاہ سے کہا ربُّ الافواج کا کلام سُن لے۔

6 دیکھ وہ دِن آتے ہیں کہ سب کُچھ جو تیرے گھر میں ہے اور جو کُچھ تیرے باپ دادا نے آج کے دِن تک جمع کر کے رکھّا ہے بابل کو لے جائیں گے ۔ خُداوند فرماتا ہے کُچھ بھی باقی نہ رہے گا۔

7 اور وہ تیرے بیٹوں میں سے جو تُجھ سے پَیدا ہوں گے اورجِن کا باپ تُو ہی ہو گا کِتنوں کو لے جائیں گے اور وہ شاہِ بابل کے محلّ میں خواجہ سرا ہوں گے۔

8 تب حِزقیاہ نے یسعیا ہ سے کہا خُداوند کا کلام جوتُو نے سُنایا بھلا ہے اور اُس نے یہ بھی کہا کہ میرے ایّام میں تو سلامتی اور امن ہو گا۔

یسعیاہ 40

اُمّید افزا باتیں

1 تسلّی دو تُم میرے لوگوں کو تسلّی دو ۔ تُمہارا خُدافرماتا

ہے۔

2 یروشلیِم کو دِلاسا دو

اور اُسے پُکار کر کہو کہ اُس کی مُصِیبت کے دِن

جو جنگ و جدل کے تھے گُذر گئے ۔

اُس کے گُناہ کا کفّارہ ہُؤا

اور اُس نے خُداوند کے ہاتھ سے اپنے سب

گُناہوں کا بدلہ دو چند پایا۔

3 پُکارنے والے کی آواز!

بیابان میں خُداوند کی راہ درُست کرو ۔

صحرا میں ہمارے خُدا کے لِئے شاہراہ ہموار کرو۔

4 ہر ایک نشیب اُونچا کِیا جائے

اور ہر ایک پہاڑ اورٹِیلا پست کِیا جائے

اور ہر ایک ٹیڑھی چِیز سِیدھی اورہر ایک ناہموار

جگہ ہموار کی جائے۔

5 اور خُداوند کا جلال آشکارا ہو گا

اور تمام بشر اُس کودیکھے گا

کیونکہ خُداوند نے اپنے مُنہ سے فرمایا ہے۔

6 ایک آواز آئی کہ مُنادی کر

اور مَیں نے کہا مَیں کیامُنادی کرُوں؟

ہر بشر گھاس کی مانِند ہے

اور اُس کی ساری رَونق مَیدان کے پُھول

کی مانِند۔

7 گھاس مُرجھاتی ہے۔ پُھول کُملاتا ہے

کیونکہ خُداوندکی ہوا اُس پر چلتی ہے ۔

یقِیناً لوگ گھاس ہیں۔

8 ہاں گھاس مُرجھاتی ہے ۔ پُھول کُملاتا ہے

پر ہمارے خُدا کا کلام ابد تک قائِم ہے۔

9 اَے صِیُّون کو خُوش خبری سُنانے والی اُونچے پہاڑ

پرچڑھ جا

اور اَے یروشلیِم کو بشارت دینے والی زور سے

اپنی آواز بُلند کر!

خُوب پُکار اور مت ڈر ۔

یہُودا ہ کی بستِیوں سے کہہ دیکھو اپنا خُدا!۔

10 دیکھو خُداوند خُدا بڑی قُدرت کے ساتھ آئے گا

اور اُس کابازُو اُس کے لِئے سلطنت کرے گا ۔

دیکھو اُس کا صِلہ اُس کے ساتھ ہے اور اُس کا

اجر اُس کے سامنے!۔

11 وہ چَوپان کی مانِند اپنا گلّہ چرائے گا ۔

وہ برّوں کو اپنے بازُوؤں میں جمع کرے گا

اور اپنی بغل میں لے کرچلے گا

اور اُن کو جو دُودھ پِلاتی ہیں آہِستہ آہِستہ لے

جائے گا۔

اِسرا ئیل کا بے مِثال خُدا

12 کِس نے سمُندر کو چُلّو سے ناپا

اور آسمان کی پَیمایش بالِشت سے کی

اور زمِین کی گرد کو پَیمانہ میں بھرا

اورپہاڑوں کو پلڑوں میں وزن کِیا اور ٹِیلوں

کو ترازُو میں تولا؟۔

13 کِس نے خُداوند کی رُوح کی ہدایت کی

یا اُس کا مُشِیرہو کر اُسے سِکھایا؟۔

14 اُس نے کِس سے مشورَت لی ہے جو اُسے تعلیِم

دے اور اُسے عدالت کی راہ سُجھائے اور اُسے

معرفت کی بات بتائے

اور اُسے حِکمت کی راہ سے آگاہ کرے؟۔

15 دیکھ قَومیں ڈول کی ایک بُوند کی مانِند ہیں

اور ترازُوکی بارِیک گرد کی مانِند گِنی جاتی ہیں ۔

دیکھ وہ جزِیروں کو ایک ذرّہ کی مانِند اُٹھا لیتا ہے۔

16 لُبنان اِیندھن کے لِئے کافی نہیں

اور اُس کے جانورسوختنی قُربانی کے لِئے بس نہیں۔

17 سب قَومیں اُس کی نظر میں ہیچ ہیں بلکہ وہ اُس

کے نزدِیک بطالت اور ناچِیز سے بھی کمتر گِنی

جاتی ہیں۔

18 پس تُم خُدا کو کِس سے تشبِیہ دو گے؟

اور کَون سی چِیزاُس سے مُشابہ ٹھہراؤ گے؟۔

19 تراشی ہُوئی مُورت! کارِیگر نے اُسے ڈھالا

اور سُناراُس پر سونا مڑھتا ہے

اور اُس کے لِئے چاندی کی زنجِیریں بناتا ہے۔

20 اور جو اَیسا تہی دست ہے کہ اُس کے پاس نذر

گُذراننے کو کُچھ نہیں

وہ اَیسی لکڑی چُن لیتا ہے جو سڑنے والی نہ ہو ۔

وہ ہوشیار کارِیگر کی تلاش کرتا ہے تاکہ اَیسی

مُورت بنائے جو قائِم رہ سکے۔

21 کیا تُم نہیں جانتے؟

کیا تُم نے نہیں سُنا؟

کیا یہ بات اِبتدا ہی سے تُم کو بتائی نہیں گئی؟

کیا تُم بِنایِ عالم سے نہیں سمجھے؟۔

22 وہ مُحِیطِ زمِین پر بَیٹھا ہے

اور اُس کے باشِندے ٹِڈّوں کی مانِند ہیں۔

وہ آسمان کو پردہ کی مانِند تانتا ہے

اور اُس کو سکُونت کے لِئے خَیمہ کی مانِند پَھیلاتا

ہے۔

23 جو شاہزادوں کو ناچِیز کر ڈالتا

اور دُنیا کے حاکِموں کو ہیچ ٹھہراتا ہے۔

24 وہ ہنُوز لگائے نہ گئے

وہ ہنُوز بوئے نہ گئے ۔

اُن کاتنہ ہنُوز زمِین میں جڑ نہ پکڑ چُکا

کہ وہ فقط اُن پر پُھونک مارتا ہے اور وہ خُشک

ہو جاتے ہیں

اور گِردباداُن کو بُھوسے کی مانِند اُڑا لے جاتا ہے۔

25 وہ قُدُّوس فرماتا ہے تُم مُجھے کِس سے تشبِیہ دو گے ؟

اور مَیں کِس چِیز سے مُشابہ ہُوں گا۔

26 اپنی آنکھیں اُوپر اُٹھاؤ

اور دیکھو کہ اِن سب کا خالِق کَون ہے۔

وُہی جو اِن کے لشکر کو شُمار کر کے نِکالتاہے

اور اُن سب کو نام بنام بُلاتا ہے

اُس کی قُدرت کی عظمت اور اُس کے بازُو کی

توانائی کے سبب سے ایک بھی غَیرحاضِر

نہیں رہتا۔

27 پس اَے یعقُو ب! تُو کیوں یُوں کہتا ہے

اور اَے اِسرائیل !تُو کِس لِئے اَیسی بات کرتا ہے

کہ میری راہ خُداوندسے پوشِیدہ ہے

اور میری عدالت میرے خُدا سے گُذر گئی؟۔

28 کیا تُو نہیں جانتا؟کیا تُو نے نہیں سُنا کہ

خُداوندخُدایِ ابدی و تمام زمِین کا خالِق تھکتا نہیں

اور ماندہ نہیں ہوتا؟

اُس کی حِکمت اِدراک سے باہر ہے۔

29 وہ تھکے ہُوئے کو زور بخشتا ہے اور ناتوان کی توانائی

کو زِیادہ کرتا ہے۔

30 نَوجوان بھی تھک جائیں گے اور ماندہ ہوں گے

اور سُورمابِالکُل گِر پڑیں گے۔

31 لیکن خُداوند کا اِنتظار کرنے والے ازسرِ نَو زورحاصِل

کریں گے ۔

وہ عُقابوں کی مانِند بال و پر سے اُڑیں گے

وہ دَوڑیں گے اور نہ تھکیں گے ۔

وہ چلیں گے اور ماندہ نہ ہوں گے۔

یسعیاہ 41

خُدا اِسرا ئیل کو یقِین دِلاتا ہے

1 اَے جزیرو! میرے حضُور خاموش رہو اور اُمّتیں

ازسرِ نَو زور حاصِل کریں ۔

وہ نزدِیک آ کر عرض کریں۔

آؤ ہم مِل کر عدالت کے لِئے نزدِیک ہوں۔

2 کِس نے مشرِق سے اُس کو برپا کِیا

جِس کو وہ صداقت سے اپنے قدموں میں بُلاتا

ہے؟

وہ قَوموں کو اُس کے حوالہ کرتا اور اُسے بادشاہوں

پر مُسلّط کرتا ہے

اور اُن کوخاک کی مانِند اُس کی تلوار کے اور اُڑتی

ہُوئی بُھوسی کی مانِند اُس کی کمان کے حوالہ کرتا ہے۔

3 وہ اُن کا پِیچھا کرتا اور اُس راہ سے جِس پر پیشتر

قدم نہ رکھّا تھا سلامت گُذرتا ہے۔

4 یہ کِس نے کِیا

اور اِبتدائی پُشتوں کو طلب کر کے انجام دِیا؟

مَیں خُداوند نے جو اوّل و آخِر ہُوں۔

وہ مَیں ہی ہُوں۔

5 جزِیروں نے دیکھا اور ڈر گئے ۔

زمِین کے کنارے تھرّاگئے وہ نزدِیک آتے

گئے۔

6 اُن میں سے ہر ایک نے اپنے پڑوسی کی مدد کی

اور اپنے بھائی سے کہا حَوصلہ رکھ۔

7 بڑھئی نے سُنار کی

اور اُس نے جو ہتھوڑی سے صاف کرتاہے

اُس کی جو نِہائی پر پِیٹتا ہے ہمّت بڑھائی

اور کہاجوڑ تو اچّھا ہے ۔

سو اُنہوں نے اُس کو میخوں سے مضبُوط کِیا تاکہ

قائِم رہے۔

8 پر تُو اَے اِسرائیل میرے بندے!

اَے یعقُو ب جِس کومَیں نے پسند کِیا

جو میرے دوست ابرہا م کی نسل سے ہے۔

9 تُو جِس کو مَیں نے زمِین کی اِنتِہا سے بُلایا

اوراُس کے سِوانوں سے طلب کِیا

اور تُجھ کو کہا کہ تُو میرابندہ ہے۔

مَیں نے تُجھ کو پسند کِیا اور تُجھے ردّ نہ کِیا۔

10 تُو مت ڈر کیونکہ مَیں تیرے ساتھ ہُوں ۔

ہِراسان نہ ہو کیونکہ مَیں تیرا خُدا ہُوں

مَیں تُجھے زور بخشُوں گا۔ مَیں یقِیناً تیری مدد

کرُوں گا

اور مَیں اپنی صداقت کے دہنے ہاتھ سے تُجھے

سنبھالُوں گا۔

11 دیکھ وہ سب جو تُجھ پر غَضب ناک ہیں

پشیمان اور رُسوا ہوں گے

وہ جو تُجھ سے جھگڑتے ہیں ناچِیز ہو جائیں گے

اورہلاک ہوں گے۔

12 تُو اپنے مُخالِفوں کو ڈُھونڈے گا اور نہ پائے گا ۔ تُجھ

سے لڑنے والے ناچِیز و نابُود ہو جائیں گے۔

13 کیونکہ مَیں خُداوند تیرا خُدا

تیرا دہنا ہاتھ پکڑکر کہُوں گا مت ڈر ۔ مَیں تیری

مدد کرُوں گا۔

14 ہِراسان نہ ہو اَے کِیڑے یعقُو ب!

اَے اِسرائیل کی قلِیل جماعت! مَیں تیری مدد

کرُوں گا

خُداوند فرماتا ہے ہاں مَیں جو اِسرائیل کا قُدُّوس

تیرا فِدیہ دینے والاہُوں۔

15 دیکھ مَیں تُجھے گہائی کا نیا اور تیز دندانہ دار آلہ

بناؤُں گا ۔

تُو پہاڑوں کو کُوٹے گا اور اُن کو ریزہ ریزہ

کرے گا

اور ٹِیلوں کو بُھوسے کی مانِند بنائے گا۔

16 تُو اُن کو اُسائے گا اور ہوا اُن کو اُڑا لے جائے گی

اورگِردباد اُن کو تِتّربِتّر کرے گا

پر تُو خُداوند سے شادمان ہو گا

اور اِسرائیل کے قُدُّوس پر فخر کرے گا۔

17 مُحتاج اور مِسکِین پانی ڈُھونڈتے پِھرتے ہیں پر

مِلتا نہیں ۔

اُن کی زُبان پِیاس سے خُشک ہے ۔

مَیں خُداوند اُن کی سنُوں گا ۔

مَیں اِسرائیل کا خُدا اُن کو ترک نہ کرُوں گا۔

18 مَیں ننگے ٹِیلوں پر نہریں اور وادِیوں میں چشمے

کھولُوں گا۔

صحرا کو تالاب اور خُشک زمِین کو پانی کا چشمہ

بنادُوں گا۔

19 بیابان میں دیودار اور ببُول اور آس اور زَیتُون کے

درخت لگاؤُں گا ۔

صحرا میں چِیڑ اور سرو و صنَوبر اِکٹّھے لگاؤُں گا۔

20 تاکہ وہ سب دیکھیں اور جانیں اور غَور کریں اور

سمجھیں کہ

خُداوند ہی کے ہاتھ نے یہ بنایا اور اِسرائیل کے

قُدُّوس نے یہ پَیدا کِیا۔

خُداوندجُھوٹے معبُودوں کو چیلنج کرتاہے

21 خُداوند فرماتا ہے اپنا دعویٰ پیش کرو ۔

یعقُو ب کابادشاہ فرماتا ہے اپنی مضبُوط دلِیلیں لاؤ۔

22 وہ اُن کو حاضِر کریں تاکہ وہ ہم کو ہونے والی چِیزوں

کی خبر دیں ۔

ہم سے اگلی باتیں بیان کرو کہ کیا تِھیں

تاکہ ہم اُن پر سوچیں اور اُن کے انجام کو سمجھیں

یاآیندہ کو ہونے والی باتوں سے ہم کو

آگاہ کرو۔

23 بتاؤ کہ آگے کو کیا ہو گا تاکہ ہم جانیں کہ تُم اِلہٰ ہو ۔

ہاں بھلا یا بُرا کُچھ تو کرو تاکہ ہم مُتعجِّب ہوں

اور باہم اُسے دیکھیں۔

24 دیکھو تُم ہیچ اور بے کار ہو ۔

تُم کو پسند کرنے والامکرُوہ ہے۔

25 مَیں نے شِمال سے ایک کو برپا کِیا ہے ۔

وہ آ پُہنچاوہ آفتاب کے مطلع سے ہو کر میرا نام

لے گا

اور شاہزادوں کو گارے کی طرح لتاڑے گا ۔

جَیسے کُمہار مِٹّی گُوندھتاہے۔

26 کِس نے یہ اِبتدا سے بیان کِیا کہ ہم جانیں؟

اور کِس نے آگے سے خبر دی کہ ہم کہیں کہ سچ

ہے؟

کوئی اُس کا بیان کرنے والا نہیں ۔

کوئی اُس کی خبر دینے والا نہیں ۔

کوئی نہیں جو تُمہاری باتیں سُنے۔

27 مَیں ہی نے پہلے صِیُّون سے کہا کہ دیکھ ۔

اُن کو دیکھ اور مَیں ہی یروشلیِم کو ایک بشارت

دینے والا بخشُوں گا۔

28 کیونکہ مَیں دیکھتا ہُوں کہ کوئی نہیں ۔

اُن میں کوئی مُشِیر نہیں جِس سے پُوچُھوں اور وہ

مُجھے جواب دے۔

29 دیکھو وہ سب کے سب بطالت ہیں ۔

اُن کے کام ہیچ ہیں ۔

اُن کی ڈھالی ہُوئی مُورتیں بِالکُل ناچِیز ہیں۔

خُداوندکا خادِم

یسعیاہ 42

1 دیکھو میرا خادِم جِس کو مَیں سنبھالتا ہُوں ۔

میرابرگُزِیدہ جِس سے میرا دِل خُوش ہے ۔

مَیں نے اپنی رُوح اُس پر ڈالی ۔

وہ قَوموں میں عدالت جاری کرے گا۔

2 وہ نہ چِلاّئے گا اور نہ شور کرے گا

اور نہ بازاروں میں اُس کی آواز سُنائی دے گی۔

3 وہ مسلے ہُوئے سرکنڈے کو نہ توڑے گا

اور ٹمٹاتی بتّی کو نہ بُجھائے گا ۔

وہ راستی سے عدالت کرے گا۔

4 وہ ماندہ نہ ہو گا اور ہمّت نہ ہارے گا

جب تک کہ عدالت کو زمِین پر قائِم نہ کر لے ۔

جزِیرے اُس کی شرِیعت کااِنتظار کریں گے۔

5 جِس نے آسمان کو پَیدا کِیا اور تان دِیا ۔

جِس نے زمِین کو اور اُن کو جو اُس میں سے

نِکلتے ہیں پَھیلایا۔

جو اُس کے باشِندوں کو سانس اور اُس پر چلنے

والوں کورُوح عِنایت کرتا ہے یعنی خُداوند

خُدا یُوں فرماتا ہے۔

6 مَیں خُداوند نے تُجھے صداقت سے بُلایا ۔

مَیں ہی تیرا ہاتھ پکڑُوں گا اور تیری حِفاظت

کرُوں گا

اور لوگوں کے عہد اور قَوموں کے نُور کے لِئے

تُجھے دُوں گا۔

7 کہ تُو اندھوں کی آنکھیں کھولے

اور اسِیروں کو قَیدسے نِکالے

اور اُن کو جو اندھیرے میں بَیٹھے ہیں قَیدخانہ

سے چُھڑائے۔

8 یہووا ہ مَیں ہُوں ۔ یِہی میرا نام ہے ۔

مَیں اپناجلال کِسی دُوسرے کے لِئے اور اپنی

حمد کھودی ہُوئی مُورتوں کے لِئے روا

نہ رکُھّوں گا۔

9 دیکھو پُرانی باتیں پُوری ہو گئِیں اور مَیں نئی باتیں

بتاتا ہُوں۔

اِس سے پیشتر کہ واقِع ہوں مَیں تُم سے بیان

کرتا ہُوں۔

حمدو سِتایش کا گیِت

10 اَے سمُندر پر گُذرنے والو اور اُس میں بسنے والو!

اے جزِیرو اور اُن کے باشِندو خُداوند کے لِئے نیا

گِیت گاؤ ۔

زمِین پر سر تا سِر اُسی کی سِتایش کرو۔

11 بیابان اور اُس کی بستِیاں ۔

قِیدار کے آباد گاؤں اپنی آواز بُلند کریں ۔

سلع کے بسنے والے گِیت گائیں۔

پہاڑوں کی چوٹیوں پر سے للکاریں۔

12 وہ خُداوند کا جلال ظاہِر کریں اور جزِیروں میں اُس

کی ثنا خوانی کریں۔

13 خُداوند بہادُر کی مانِند نِکلے گا ۔

وہ جنگی مَرد کی مانِند اپنی غَیرت دِکھائے گا ۔

وہ نعرہ مارے گا ۔ ہاں وہ للکارے گا ۔

وہ اپنے دُشمنوں پر غالِب آئے گا۔

خُدا اپنے لوگوں کی مدد کرنے کا وعدہ کرتا ہے

14 مَیں بُہت مُدّت سے چُپ رہا ۔

مَیں خاموش ہو رہا اورضبط کرتا رہا

پر اب مَیں دردِ زِہ والی کی طرح چِلاّؤُں گا۔

مَیں ہا نپُوں گا اور زور زور سے سانس لُوں گا۔

15 مَیں پہاڑوں اور ٹِیلوں کو وِیران کر ڈالُوں گا

اوراُن کے سبزہ زاروں کو خُشک کرُوں گا

اور اُن کی ندیوں کوجزِیرے بناؤُں گا اور

تالابوں کو سُکھا دُوں گا۔

16 اور اندھوں کو اُس راہ سے جِسے وہ نہیں جانتے لے

جاؤُں گا۔

مَیں اُن کو اُن راستوں پر جِن سے وہ آگاہ نہیں

لے چلُوں گا۔

مَیں اُن کے آگے تارِیکی کو روشنی

اور اُونچی نِیچی جگہوں کو ہموار کر دُوں گا ۔

مَیں اُن سے یہ سلُوک کرُوں گا اور اُن کو ترک

نہ کرُوں گا۔

17 جو کھودی ہُوئی مُورتوں پر بھروسا کرتے اور ڈھالے

ہُوئے بُتوں سے کہتے ہیں تُم ہمارے معبُود ہو

وہ پِیچھے ہٹیں گے اور بُہت شرمِندہ ہوں گے۔

اِسرا ئیل کُچھ نہیں سِیکھتا

18 اَے بہرو سُنو! اَے اندھو! نظر کرو تاکہ تُم دیکھو۔

19 میرے خادِم کے سِوا اندھا کَون ہے؟

اور کَون اَیسابہرا ہے جَیسا میرا رسُول جِسے مَیں

بھیجتا ہُوں؟

میرے دوست کی اور خُداوند کے خادِم کی مانِند

نابِینا کَون ہے؟۔

20 تُو بُہت سی چِیزوں پر نظر کرتا ہے پر دیکھتا نہیں۔

کان تو کُھلے ہیں پر سُنتا نہیں۔

21 خُداوند کو پسند آیا کہ اپنی صداقت کی خاطِر شرِیعت

کو بزُرگی دے اور اُسے قابِلِ تعظِیم بنائے۔

22 لیکن یہ وہ لوگ ہیں جو لُٹ گئے اور غارت ہُوئے ۔

وہ سب کے سب زِندانوں میں گرِفتار

اور قَیدخانوں میں پوشِیدہ ہیں۔

وہ شِکار ہُوئے اور کوئی نہیں چُھڑاتا ۔

وہ لُٹ گئے اور کوئی نہیں کہتا پھیر دو۔

23 تُم میں کَون ہے جو اِس پر کان لگائے؟

جو آیندہ کی بابت توجُّہ سے سُنے؟۔

24 کِس نے یعقُو ب کو حوالہ کِیا کہ غارت ہو

اور اِسرائیل کو کہ لُٹیروں کے ہاتھ میں پڑے؟

کیا خُداوند نے نہیں جِس کے خِلاف ہم نے

گُناہ کِیا؟

کیونکہ اُنہوں نے نہ چاہاکہ اُس کی راہوں پر چلیں

اور وہ اُس کی شرِیعت کے تابِع نہ ہُوئے۔

25 اِس لِئے اُس نے اپنے قہر کی شِدّت

اور جنگ کی سختی کو اُس پر ڈالا

اور اُسے ہر طرف سے آگ لگ گئی

پر وہ اُسے دریافت نہیں کرتا۔

وہ اُس سے جل جاتا ہے پر خاطِر میں نہیں لاتا۔

یسعیاہ 43

خُداونداپنی اُمّت کو چُھڑانے کا وعدہ کرتا ہے

1 اور اب اَے یعقُو ب! خُداوند جِس نے تُجھ کو پَیدا

کِیااور جِس نے اَے اِسرائیل تُجھ کو بنایا یُوں

فرماتا ہے کہ

خَوف نہ کر کیونکہ مَیں نے تیرا فِدیہ دِیا ہے ۔

مَیں نے تیرا نام لے کر تُجھے بُلایا ہے ۔ تُو میرا

ہے۔

2 جب تُو سَیلاب میں سے گُذرے گا تو مَیں تیرے

ساتھ ہُوں گا

اور جب تُو ندیوں کو عبُور کرے گا تو وہ تُجھے نہ

ڈُبائیں گی۔

جب تُو آگ پر چلے گا تو تُجھے آنچ نہ لگے گی اور

شُعلہ تُجھے نہ جلائے گا۔

3 کیونکہ مَیں خُداوند تیرا خُدا اِسرائیل کا قُدُّوس تیرا

نجات دینے والا ہُوں ۔

مَیں نے تیرے فِدیہ میں مِصر کو

اور تیرے بدلے کُو ش اور سبا کو دِیا۔

4 چُونکہ تُو میری نِگاہ میں بیش قِیمت اور مُکرّم ٹھہرا

اور مَیں نے تُجھ سے مُحبّت رکھّی

اِس لِئے مَیں تیرے بدلے لوگ اور تیری جان

کے عِوض میں اُمّتیں دے دُوں گا۔

5 تُو خَوف نہ کر کیونکہ مَیں تیرے ساتھ ہُوں ۔

مَیں تیری نسل کو مشرِق سے لے آؤُں گا اور

مغرِب سے تُجھے فراہم کرُوں گا۔

6 مَیں شِمال سے کہُوں گا کہ دے ڈال اور جنُوب سے

کہ رکھ نہ چھوڑ ۔

میرے بیٹوں کو دُور سے اور میری بیٹِیوں کو

زمِین کی اِنتہا سے لاؤ۔

7 ہر ایک کو جو میرے نام سے کہلاتا ہے

اور جِس کو مَیں نے اپنے جلال کے لِئے خلق کِیا

جِسے مَیں نے پَیدا کِیاہاں جِسے مَیں ہی نے بنایا۔

اِسرا ئیل خُداوندکا گواہ ہے

8 اُن اندھے لوگوں کو جو آنکھیں رکھتے ہیں

اور اُن بہروں کو جِن کے کان ہیں باہر لاؤ۔

9 تمام قَومیں فراہم کی جائیں اور سب اُمّتیں جمع ہوں ۔

اُن کے درمِیان کَون ہے جو اُسے بیان کرے

یا ہم کو پِچھلی باتیں بتائے؟

وہ اپنے گواہوں کو لائیں تاکہ وہ سچّے ثابِت ہوں

اور لوگ سُنیں اور کہیں کہ یہ سچ ہے۔

10 خُداوند فرماتا ہے تُم میرے گواہ ہو

اور میرا خادِم بھی جِسے مَیں نے برگُزِیدہ کِیا

تاکہ تُم جانو اورمُجھ پر اِیمان لاؤ اور سمجھو کہ مَیں

وُہی ہُوں ۔

مُجھ سے پہلے کوئی خُدا نہ ہُؤا اور میرے بعد بھی

کوئی نہ ہو گا۔

11 مَیں ہی یہووا ہ ہُوں

اور میرے سِوا کوئی بچانے والانہیں۔

12 مَیں نے اِعلان کِیا اور مَیں نے نجات بخشی

اور مَیں ہی نے ظاہِر کِیا جب تُم میں کوئی اجنبی

معبُود نہ تھا۔

سو تُم میرے گواہ ہو خُداوند فرماتا ہے کہ مَیں ہی

خُدا ہُوں۔

13 آج سے مَیں ہی ہُوں اور کوئی نہیں جو میرے

ہاتھ سے چُھڑا سکے ۔

مَیں کام کرُوں گا ۔ کَون ہے جو اُسے رَدّکر

سکے؟۔

بابل سے رِہائی

14 خُداوند تُمہارا نجات دینے والا اِسرائیل کا قُدُّوس

یُوں فرماتا ہے

کہ تُمہاری خاطِر مَیں نے بابل پر خُرُوج کرایا

اور مَیں اُن سب کو فراریوں کی حالت میں اور

کَسدیوں کو بھی جو اپنے جہازوں میں للکارتے

تھے لے آؤُں گا۔

15 مَیں خُداوند تُمہارا قُدُّوس اِسرائیل کا خالِق تُمہارا

بادشاہ ہُوں۔

16 جِس نے سمُندر میں راہ

اور سَیلاب میں گُذرگاہ بنائی۔

17 جو جنگی رتھوں اور گھوڑوں اور لشکر اور بہادُروں

کونِکال لاتا ہے ۔

(وہ سب کے سب لیٹ گئے ۔ وہ پِھر نہ اُٹھیں گے

وہ بُجھ گئے ہاں وہ بتّی کی طرح بُجھ گئے)۔

18 یعنی خُداوند یُوں فرماتا ہے

کہ پِچھلی باتوں کو یادنہ کرو

اور قدِیم باتوں پر سوچتے نہ رہو۔

19 دیکھو مَیں ایک نیا کام کرُوں گا ۔

اب وہ ظہُور میں آئے گا ۔

کیا تُم اُس سے ناواقِف رہو گے؟

ہاں مَیں بیابان میں ایک راہ اور صحرا میں ندیاں

جاری کرُوں گا۔

20 جنگلی جانور گِیدڑ اور شُتر مُرغ میری تعظِیم کریں گے

کیونکہ مَیں بیابان میں پانی اور صحرا میں ندیاں

جاری کرُوں گا

تاکہ میرے لوگوں کے لِئے یعنی میرے برگُزِیدوں

کے پِینے کے لِئے ہوں۔

21 مَیں نے اِن لوگوں کو اپنے لِئے بنایا

تاکہ وہ میری حمد کریں۔

اِسرا ئیل کا گُناہ

22 تَو بھی اَے یعقُو ب! تُو نے مُجھے نہ پُکارا بلکہ اَے

اِسرائیل ! تُو مُجھ سے تنگ آ گیا۔

23 تُو برّوں کو اپنی سوختنی قُربانِیوں کے لِئے میرے

حضُور نہیں لایا

اور تُو نے اپنے ذبِیحوں سے میری تعظِیم نہیں کی ۔

مَیں نے تُجھے ہدیہ لانے پر مجبُور نہیں کِیا

اور لُبان جلانے کی تکلِیف نہیں دی۔

24 تُو نے رُوپیہ سے میرے لِئے اگر کو نہیں خرِیدا

اورتُو نے مُجھے اپنے ذبِیحوں کی چربی سے سیر نہیں کِیا

لیکن تُو نے اپنے گُناہوں سے مُجھے زیربار کِیا

اور اپنی خطاؤں سے مُجھے بیزار کر دِیا۔

25 مَیں ہی وہ ہُوں جو اپنے نام کی خاطِر تیرے

گُناہوں کو مِٹاتا ہُوں

اور مَیں تیری خطاؤں کو یاد نہیں رکُھّوں گا۔

26 مُجھے یاد دِلا ۔ ہم آپس میں بحث کریں ۔

اپنا حال بیان کر تاکہ تُو صادِق ٹھہرے۔

27 تیرے بڑے باپ نے گُناہ کِیا اور تیرے تفسِیر

کرنے والوں نے میری مُخالفت کی ہے۔

28 اِس لِئے مَیں نے مَقدِس کے امِیروں کو ناپاک

ٹھہرایا

اور یعقُو ب کو لَعنت اور اِسرائیل کو طعنہ زنی کے

حوالہ کِیا۔

یسعیاہ 44

خُداوندہی واحد خُدا ہے

1 لیکن اب اَے یعقُو ب میرے خادِم

اور اِسرائیل میرے برگُزِیدہ سُن!۔

2 خُداوند تیرا خالِق

جِس نے رَحِم ہی سے تُجھے بنایااور تیری مدد

کرے گا ۔

یُوں فرماتا ہے کہ اَے یعقُو ب میرے خادِم

اور یسُورُو ن میرے برگُزِیدہ خَوف نہ کر۔

3 کیونکہ مَیں پِیاسی زمِین پر پانی اُنڈیلُوں گا

اورخُشک زمِین میں ندیاں جاری کرُوں گا ۔

مَیں اپنی رُوح تیری نسل پر

اور اپنی برکت تیری اَولاد پر نازِل کرُوں گا۔

4 اور وہ گھاس کے درمِیان اُگیں گے

جَیسے بہتے پانی کے کنارے پر بید ہو۔

5 ایک تو کہے گا مَیں خُداوند کا ہُوں

اور دُوسرا اپنے آپ کو یعقُو ب کے نام کا ٹھہرائے گا

اور تِیسرا اپنے ہاتھ پر لِکھے گا مَیں خُداوند کا ہُوں

اور اپنے آپ کو اِسرائیل کے نام سے مُلقّب

کرے گا۔

6 خُداوند اِسرائیل کا بادشاہ اور اُس کا فِدیہ دینے والا

ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے کہ

مَیں ہی اوّل اورمَیں ہی آخِر ہُوں

اور میرے سِوا کوئی خُدا نہیں۔

7 اور جب سے مَیں نے قدِیم لوگوں کی بِنا ڈالی

کَون میری طرح بُلائے گا اور اُس کو بیان کر

کے میرے لِئے ترتِیب دے گا؟

ہاں جو کُچھ ہو رہا ہے اور جو کُچھ ہونے والا ہے

اُس کا بیان کریں۔

8 تُم نہ ڈرو اور ہِراسان نہ ہو ۔

کیا مَیں نے قدِیم ہی سے تُجھے یہ نہیں بتایا

اور ظاہِر نہیں کِیا؟

تُم میرے گواہ ہو ۔ کیا میرے سِوا کوئی اَور خُدا ہے؟

نہیں کوئی چٹان نہیں مَیں تو کوئی نہیں جانتا۔

بُت پرستی کی مُذّمت

9 کھودی ہُوئی مُورتوں کے بنانے والے سب کے سب باطِل ہیں اور اُن کی پسندِیدہ چِیزیں بے نفع ۔ اُن ہی کے گواہ دیکھتے نہیں اور سمجھتے نہیں تاکہ پشیمان ہوں۔

10 کِس نے کوئی بُت بنایا یا کوئی مُورت ڈھالی جِس سے کُچھ فائِدہ ہو؟۔

11 دیکھ اُس کے سب ساتھی شرمِندہ ہوں گے کیونکہ بنانے والے تو اِنسان ہیں وہ سب کے سب جمع ہو کر کھڑے ہوں ۔ وہ ڈرجائیں گے وہ سب کے سب شرمِندہ ہوں گے۔

12 لُہار کُلہاڑا بناتا ہے اور اپنا کام انگاروں سے کرتاہے اور اُسے ہتھوڑوں سے درُست کرتا اور اپنے بازُو کی قُوّت سے گھڑتا ہے ۔ ہاں وہ بُھوکا ہو جاتا ہے اور اُس کازور گھٹ جاتا ہے ۔ وہ پانی نہیں پِیتا اور تھک جاتا ہے۔

13 بڑھئی سُوت پَھیلاتا ہے اور نُکِیلے ہتھیار سے اُس کی صُورت کھینچتا ہے وہ اُس کو رندے سے صاف کرتا ہے اور پرکارسے اُس پر نقش بناتا ہے وہ اُسے اِنسان کی شکل بلکہ آدمی کی خُوب صُورت شبِیہہ بناتا ہے تاکہ اُسے گھر میں نصب کرے۔

14 وہ دیوداروں کو اپنے لِئے کاٹتا ہے اور قِسم قِسم کے بلُوط کو لیتا ہے اور جنگل کے درختوں سے جِس کو پسندکرتا ہے ۔ وہ صنَوبر کا درخت لگاتا ہے اور مِینہہ اُسے سِینچتا ہے۔

15 تب وہ آدمی کے لِئے اِیندھن ہوتا ہے ۔ وہ اُس میں سے کُچھ سُلگا کر تاپتا ہے ۔ وہ اُس کو جلا کر روٹی پکاتاہے بلکہ اُس سے بُت بنا کر اُس کو سِجدہ کرتا ہے۔ وہ کھودی ہُوئی مُورت بناتا ہے اور اُس کے آگے مُنہ کے بل گِرتا ہے۔

16 اُس کا ایک ٹُکڑا لے کر آگ میں جلاتا ہے اور اُسی کے ایک ٹُکڑے پر گوشت کباب کر کے کھاتا اور سیر ہوتا ہے۔ پِھر وہ تاپتا اور کہتا ہے اہا! مَیں گرم ہو گیا ۔مَیں نے آگ دیکھی۔

17 پِھر اُس کی باقی لکڑی سے دیوتا یعنی کھودی ہُوئی مُورت بناتا ہے اور اُس کے آگے مُنہ کے بل گِر جاتا ہے اور اُسے سِجدہ کرتا اور اُس سے اِلتِجا کر کے کہتا ہے مُجھے نجات دے کیونکہ تُو میرا خُدا ہے۔

18 وہ نہیں جانتے اور نہیں سمجھتے کیونکہ اُن کی آنکھیں بند ہیں ۔ پس وہ دیکھتے نہیں اور اُن کے دِل سخت ہیں ۔پس وہ سمجھتے نہیں۔

19 بلکہ کوئی اپنے دِل میں نہیں سوچتا اور نہ کِسی کومعرفت اور تمِیز ہے کہ اِتنا کہے مَیں نے تو اِس کا ایک ٹُکڑا آگ میں جلایا اور مَیں نے اِس کے انگاروں پر روٹی بھی پکائی اور مَیں نے گوشت بُھونا اور کھایا ۔ اب کیامَیں اِس کے بقِیّہ سے ایک مکرُوہ چِیز بناؤُں؟ کیا مَیں درخت کے کُندے کو سِجدہ کرُوں؟۔

20 وہ راکھ کھاتا ہے ۔ فریب خُوردہ دِل نے اُس کو اَیساگُمراہ کر دِیا ہے کہ وہ اپنی جان بچا نہیں سکتا اورنہیں کہتا کیا میرے دہنے ہاتھ میں بطالت نہیں؟۔

خُداوندخالِق اور بچانے والا

21 اَے یعقُو ب! اَے اِسرائیل ! اِن باتوں کو یاد رکھ

کیونکہ تُو میرا بندہ ہے

مَیں نے تُجھے بنایا ۔ تُو میرا خادِم ہے ۔

اَے اِسرائیل مَیں تُجھ کو فراموش نہ کرُوں گا۔

22 مَیں نے تیری خطاؤں کو گھٹا کی مانِند اور تیرے

گُناہوں کو بادل کی مانِند مِٹا ڈالا ۔

میرے پاس واپس آ جا کیونکہ مَیں نے تیرا فِدیہ

دِیا ہے۔

23 اَے آسمانو گاؤ کہ خُداوند نے یہ کِیا ۔

اَے اسفلِ زمِین للکار!

اَے پہاڑو! اَے جنگل اور اُس کے سب درختو!

نغمہ پردازی کرو

کیونکہ خُداوند نے یعقُو ب کا فِدیہ دِیااور اِسرائیل

میں اپنا جلال ظاہِر کرے گا۔

24 خُداوند تیرا فِدیہ دینے والا

جِس نے رَحِم ہی سے تُجھے بنایا

یُوں فرماتا ہے کہ مَیں خُداوند سب کاخالِق ہُوں۔

مَیں ہی اکیلا آسمان کو تاننے

اور زمِین کو بِچھانے والا ہُوں کَون میرا شرِیک

ہے؟۔

25 مَیں جُھوٹوں کے نِشانوں کو باطِل کرتا اور فال گِیروں

کو دِیوانہ بناتا ہُوں

اور حِکمت والوں کو ردّ کرتا اوراُن کی حِکمت کو

حماقت ٹھہراتا ہُوں۔

26 اپنے خادِم کے کلام کو ثابِت کرتا

اور اپنے رسُولوں کی مصلحت کو پُورا کرتا ہُوں

جو یروشلیِم کی بابت کہتا ہُوں کہ وہ آباد ہو

جائے گا

اور یہُودا ہ کے شہروں کی بابت کہ وہ تعمِیر کِئے جائیں گے

اور مَیں اُس کے کھنڈروں کو تعمِیر کرُوں گا۔

27 جو سمُندر کو کہتا ہُوں کہ سُوکھ جا اور مَیں تیری ندیاں

سُکھا ڈالُوں گا۔

28 جو خورس کے حق میں کہتا ہُوں کہ وہ میرا چرواہا ہے

اور میری مرضی بِالکُل پُوری کرے گا

اور یروشلیِم کی بابت کہتا ہُوں کہ وہ تعمِیر کِیا

جائے گا

اور ہَیکل کی بابت کہ اُس کی بُنیاد ڈالی جائے گی۔

یسعیاہ 45

خُداوندخورس کو مُقرّرکرتا ہے

1 خُداوند اپنے ممسُوح خورس کے حق میں یُوں فرماتا ہے کہ

مَیں نے اُس کا دہنا ہاتھ پکڑا کہ اُمّتوں کو اُس

کے سامنے زیر کرُوں

اور بادشاہوں کی کمریں کُھلوا ڈالُوں

اور دروازوں کو اُس کے لِئے کھول دُوں اور

پھاٹک بند نہ کِئے جائیں گے۔

2 مَیں تیرے آگے آگے چلُوں گا

اور ناہموار جگہوں کو ہمواربنا دُوں گا ۔

مَیں پِیتل کے دروازوں کو ٹُکڑے ٹُکڑے کرُوں گا

اور لوہے کے بینڈوں کو کاٹ ڈالُوں گا۔

3 اور مَیں ظُلمات کے خزانے اور پوشِیدہ مکانوں

کے دفِینے تُجھے دُوں گا

تاکہ تُو جانے کہ مَیں خُداوند اِسرائیل کا خُدا ہُوں

جِس نے تُجھے نام لے کر بُلایا ہے۔

4 مَیں نے اپنے خادِم یعقُو ب اور اپنے برگُزِیدہ

اِسرائیل کی خاطِر تُجھے نام لے کر بُلایا ۔

مَیں نے تُجھے ایک لقب بخشا ۔

اگرچہ تُو مُجھ کو نہیں جانتا۔

5 مَیں ہی خُداوند ہُوں اَور کوئی نہیں ۔ میرے سِوا

کوئی خُدا نہیں ۔

مَیں نے تیری کمر باندھی اگرچہ تُو نے مُجھے نہ پہچانا۔

6 تاکہ مشرِق سے مغرِب تک لوگ جان لیں

کہ میرے سِواکوئی نہیں ۔

مَیں ہی خُداوند ہُوں میرے سِوا کوئی دُوسرا

نہیں۔

7 مَیں ہی روشنی کا مُوجِد اور تارِیکی کا خالِق ہُوں۔

مَیں سلامتی کا بانی اور بلا کو پَیدا کرنے والا ہُوں ۔

مَیں ہی خُداوند یہ سب کُچھ کرنے والا ہُوں۔

8 اَے آسمان اُوپر سے ٹپک پڑ! ہاں بادل راست بازی

برسائیں۔

زمِین کُھل جائے اور نجات اور صداقت کا

پَھل لائے ۔

وہ اُن کو اِکٹّھے اُگائے ۔

مَیں خُداوند اُس کا پَیداکرنے والا ہُوں۔

تخلِیق اور تارِیخ کا خُداوند

9 افسوس اُس پر جو اپنے خالِق سے جھگڑتا ہے!

ٹِھیکراتو زمِین کے ٹِھیکروں میں سے ہے ۔

کیا مِٹّی کُمہار سے کہے کہ تُو کیا بناتا ہے؟

کیا تیری دست کاری کہے اُس کے تو ہاتھ نہیں؟۔

10 اُس پر افسوس جو باپ سے کہے تُو کِس چِیز کا

والِدہے؟

اور ماں سے کہے تُو کِس چِیز کی والِدہ ہے؟۔

11 خُداوند اِسرائیل کا قُدُّوس اور خالِق یُوں فرماتاہے

کہ کیا تُم آنے والی چِیزوں کی بابت مُجھ سے

پُوچھوگے؟

کیا تُم میرے بیٹوں یا میری دست کاری کی

بابت مُجھے حُکم دو گے؟۔

12 مَیں نے زمِین بنائی

اور اُس پر اِنسان کو پَیدا کیا

اور مَیں ہی نے ہاں میرے ہاتھوں نے آسمان کو تانا

اوراُس کے سب لشکروں پر مَیں نے حُکم کِیا۔

13 ربُّ الافواج فرماتا ہے مَیں نے اُس کو صداقت

میں برپاکِیا ہے

اور مَیں اُس کی تمام راہوں کو ہموار کرُوں گا۔

وہ میرا شہر بنائے گا اور میرے اسِیروں کو بغَیر

قِیمت اور عِوض لِئے آزاد کر دے گا۔

14 خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ

مِصر کی دَولت اور کُو ش کی تِجارت

اور سبا کے قدآور لوگ تیرے پاس آئیں گے

اورتیرے ہوں گے ۔

وہ تیری پیرَوی کریں گے ۔

وہ بیڑِیاں پہنے ہُوئے اپنا مُلک چھوڑ کر آئیں گے

اور تیرے حضُور سِجدہ کریں گے ۔

وہ تیری مِنّت کریں گے اور کہیں گے

یقِیناً خُداتُجھ میں ہے اور کوئی دُوسرا نہیں

اور اُس کے سِوا کوئی خُدا نہیں۔

15 اَے اِسرائیل کے خُدا! اَے نجات دینے والے!

یقِیناًتُو پوشِیدہ خُدا ہے۔

16 بُت بنانے والے سب کے سب پشیمان اور سراسِیمہ

ہوں گے۔

وہ سب کے سب شرمِندہ ہوں گے۔

17 لیکن خُداوند اِسرائیل کو بچا کر ابدی نجات بخشے گا۔

تُم ابدُالآباد تک کبھی پشیمان اور سراسِیمہ نہ ہوگے۔

18 کیونکہ خُداوند جِس نے آسمان پَیدا کِئے

وُہی خُداہے ۔

اُسی نے زمِین بنائی اور تیّار کی ۔

اُسی نے اُسے قائِم کِیا ۔

اُس نے اُسے عبث پَیدا نہیں کِیا

بلکہ اُس کوآبادی کے لِئے آراستہ کِیا ۔

وہ یُوں فرماتا ہے کہ مَیں خُداوند ہُوں

اور میرے سِوا اَور کوئی نہیں۔

19 مَیں نے زمِین کی کِسی تارِیک جگہ میں پوشِیدگی

میں تو کلام نہیں کِیا ۔

مَیں نے یعقُو ب کی نسل کو نہیں فرمایاکہ عبث

میرے طالِب ہو ۔

مَیں خُداوند سچ کہتا ہُوں اورراستی کی باتیں بیان

فرماتا ہُوں۔

خُدا اور بابل کے بُت

20 تُم جو قَوموں میں سے بچ نِکلے ہو جمع ہو کر آؤ ۔

مِل کر نزدِیک ہو ۔

وہ جو اپنی لکڑی کی کھودی ہُوئی مُورت لِئے

پِھرتے ہیں

اور اَیسے معبُود سے جو بچا نہیں سکتادُعا کرتے

ہیں دانِش سے خالی ہیں۔

21 تُم مُنادی کرو اور اُن کو نزدِیک لاؤ ۔

ہاں وہ باہم مشورَت کریں ۔

کِس نے قدِیم ہی سے یہ ظاہِر کِیا؟

کِس نے قدِیم ایّام میں اِس کی خبر پہلے ہی

سے دی ہے؟

کیامَیں خُداوند ہی نے یہ نہیں کِیا؟

سو میرے سِوا کوئی خُدا نہیں ہے ۔

صادِقُ القَول اور نجات دینے والا خُدامیرے

سِوا کوئی نہیں۔

22 اَے اِنتِہایِ زمِین کے سب رہنے والو!

تُم میری طرف مُتوجِّہ ہو اور نجات پاؤ

کیونکہ مَیں خُدا ہُوں اورمیرے سِوا کوئی نہیں۔

23 مَیں نے اپنی ذات کی قَسم کھائی ہے ۔

کلامِ صِدق میرے مُنہ سے نِکلا ہے اور وہ ٹلے

گا نہیں

کہ ہر ایک گُھٹنامیرے حضُور جُھکے گا

اور ہر ایک زُبان میری قَسم کھائے گی۔

24 میرے حق میں ہر ایک کہے گا

کہ یقِیناً خُداوند ہی میں راست بازی اور توانائی

ہے ۔

اُسی کے پاس وہ آئے گا اورسب جو اُس سے

بیزار تھے پشیمان ہوں گے۔

25 اِ سرائیل کی کُل نسل خُداوند میں صادِق ٹھہرے

گی اوراُس پر فخر کرے گی۔

یسعیاہ 46

1 بیل جُھکتا ہے نبُو خم ہوتا ہے ۔

اُن کے بُت جانوروں اور چَوپایوں پر لدے ہیں ۔

جو چِیزیں تُم اُٹھائے پِھرتے تھے تھکے ہُوئے

چَوپایوں پر لدی ہیں۔

2 وہ جُھکتے اور باہم خم ہوتے ہیں ۔

وہ اُس بوجھ کو بچا نہ سکے اور وہ آپ ہی ا سِیری

میں چلے گئے ہیں۔

3 اَے یعقُو ب کے گھرانے

اور اَے اِسرائیل کے گھر کے سب باقی ماندہ لوگو

جِن کو بطن ہی سے مَیں نے اُٹھایااور جِن کو رَحِم

ہی سے مَیں نے گود میں لِیا میری سُنو!۔

4 مَیں تُمہارے بُڑھاپے تک وُہی ہُوں

اور سر سفید ہونے تک تُم کو اُٹھائے پِھروں گا ۔

مَیں ہی نے خلق کِیا اورمَیں ہی اُٹھاتا رہُوں گا ۔

مَیں ہی لِئے چلُوں گا اوررہائی دُوں گا۔

5 تُم مُجھے کِس سے تشبِیہ دو گے اور مُجھے کِس کے

برابرٹھہراؤ گے

اور مُجھے کِس کی مانِند کہو گے تاکہ ہم مُشابہ

ہوں؟۔

6 جو تَھیلی سے بافراط سونا نِکالتے

اور چاندی کو ترازُومیں تولتے ہیں

وہ سُنار کو اُجرت پر لگاتے ہیں

اور وہ اُس سے ایک بُت بناتا ہے ۔

پِھر وہ اُس کے سامنے جُھکتے بلکہ سِجدہ کرتے ہیں۔

7 وہ اُسے کندھے پر اُٹھاتے ہیں ۔

وہ اُسے لے جا کر اُس کی جگہ پر نصب کرتے ہیں

اور وہ کھڑا رہتا ہے ۔

وہ اپنی جگہ سے سرکتا نہیں بلکہ اگر کوئی اُسے

پُکارے تو وہ نہ جواب دے سکتا ہے

اور نہ اُسے مُصِیبت سے چُھڑا سکتا ہے۔

8 اَے گُنہگارو! اِس کو یاد رکھّو اور مَرد بنو ۔

اِس پرپِھر سوچو۔

9 پہلی باتوں کو جو قدِیم سے ہیں یاد کرو کہ

مَیں خُدا ہُوں اور کوئی دُوسرا نہیں ۔

مَیں خُدا ہُوں اور مُجھ سا کوئی نہیں۔

10 جو اِبتدا ہی سے انجام کی خبر دیتا ہُوں

اور ایّامِ قدِیم سے وہ باتیں جو اب تک وقُوع

میں نہیں آئِیں بتاتاہُوں

اور کہتا ہُوں کہ میری مصلحت قائِم رہے گی

اور مَیں اپنی مرضی بِالکُل پُوری کرُوں گا۔

11 جو مشرِق سے عُقاب کو یعنی اُس شخص کو جو میرے

اِرادہ کو پُورا کرے گا

دُور کے مُلک سے بُلاتا ہُوں ۔

مَیں ہی نے یہ کہا اور مَیں ہی اِس کو وُقُوع میں

لاؤُں گا ۔

مَیں نے اِس کا اِرادہ کِیا اور مَیں ہی اِسے پُورا

کرُوں گا۔

12 اَے سخت دِلو جو صداقت سے دُور ہو میری سُنو۔

13 مَیں اپنی صداقت کو نزدِیک لاتا ہُوں ۔

وہ دُور نہیں ہو گی

اور میری نجات تاخِیر نہ کرے گی

اور مَیں صِیُّون کو نجات اور اِسرائیل کو اپنا جلال

بخشُوں گا۔

بابل پر غضب