حِزقی ایل 32

شاہِ مِصر گھڑیال کے مُشابہ ہے

1 بارھویں برس کے بارھویں مہِینے کی پہلی تارِیخ کو خُداوند کا کلام مُجھ پر نازِل ہُؤا۔

2 کہ اَے آدم زاد شاہِ مِصر فِرعو ن پر نَوحہ اُٹھا اور اُسے کہہ تُو قَوموں کے درمِیان جوان شیرِ بَبر کی مانِند تھا اور تُو دریاؤں کے گھڑیال سا ہے ۔ تُو اپنی نہروں میں سے ناگاہ نِکل آتا ہے اور تُو نے اپنے پاؤں سے پانی کو تہ و بالا کِیا اور اُن کی نہروں کو گدلا کر دِیا۔

3 خُداوند خُدا یُوں فرماتا ہے کہ مَیں اُمّتوں کے انبوہ کے ساتھ تُجھ پر اپنا جال ڈالُوں گا اور وہ تُجھے میرے ہی جال میں باہر نِکالیں گے۔

4 تب مَیں تُجھے خُشکی میں چھوڑ دُوں گا اور کُھلے مَیدان پر تُجھے پھینکُوں گا اور ہوا کے سب پرِندوں کو تُجھ پر بِٹھاؤُں گا اور تمام رُویِ زمِین کے درِندوں کو تُجھ سے سیر کرُوں گا۔

5 اور تیرا گوشت پہاڑوں پر ڈالُوں گا اور وادیوں کو تیری بُلندی سے بھر دُوں گا۔

6 اور مَیں اُس سرزمِین کو جِس کے پانی میں تُو تَیرتا تھا پہاڑوں تک تیرے لہُو سے تر کرُوں گا اور نہریں تُجھ سے لبریز ہوں گی۔

7 اور جب مَیں تُجھے نابُود کرُوں گا تو آسمان کو تارِیک اور اُس کے سِتاروں کو بے نُور کرُوں گا ۔ سُورج کو بادل سے چُھپاؤُں گا اور چاند اپنی رَوشنی نہ دے گا۔

8 اور مَیں تمام نُورانی اجرامِ فلک کو تُجھ پر تارِیک کرُوں گا اور میری طرف سے تیری زمِین پر تارِیکی چھا جائے گی خُداوند خُدا فرماتا ہے۔

9 اور جب مَیں تیری شِکستہ حالی کی خبر کو قَوموں کے درمِیان اُن مُلکوں میں جِن سے تُو ناواقِف ہے پُہنچاؤُں گا تو اُمّتوں کا دِل آزُردہ کرُوں گا۔

10 بلکہ بُہت سی اُمّتوں کو تیرے حال سے حَیران کرُوں گا اور اُن کے بادشاہ تیرے سبب سے سخت ترسان ہوں گے ۔ جب مَیں اُن کے سامنے اپنی تلوار چمکاؤُں گا تو اُن میں سے ہر ایک اپنی جان کی خاطِر تیرے گِرنے کے دِن ہر دم تھرتھرائے گا۔

11 کیونکہ خُداوند خُدا یُوں فرماتا ہے کہ شاہِ بابل کی تلوار تُجھ پر چلے گی۔

12 مَیں تیری جمعیّت کو زبردستوں کی تلوار سے جو سب کے سب قَوموں میں ہَیبت ناک ہیں ہلاک کرُوں گا اور وہ مِصر کی شَوکت کو مَوقُوف اور اُس کی تمام جمعِیّت کو نیست کریں گے۔

13 اور مَیں اُس کے سب جانوروں کو آبِ کثِیر کے پاس سے نابُود کرُوں گا اور آگے کو نہ اِنسان کے پاؤں اُسے گدلا کریں گے نہ حَیوان کے سُم۔

14 تب مَیں اُن کا پانی صاف کر دُوں گا اور اُن کی ندِیاں رَوغن کی طرح جاری ہوں گی خُداوند خُدا فرماتا ہے۔

15 جب مَیں مُلکِ مِصر کو وِیران اور سُنسان کرُوں گا اور وہ اپنی معمُوری سے خالی ہو جائے گا ۔ جب مَیں اُس کے تمام باشِندوں کو ہلاک کرُوں گا تب وہ جانیں گے کہ خُداوندمَیں ہُوں۔

16 یہ وہ نَوحہ ہے جِس سے اُس پر ماتم کریں گے ۔ قَوموں کی بیٹِیاں اِس سے ماتم کریں گی ۔ وہ مِصر اور اُس کی تمام جمعِیّت پر اِسی سے ماتم کریں گی خُداوند خُدا فرماتا ہے۔

زمِین کا اسفل

17 پِھربارھویں برس میں مہِینے کے پندرھویں دِن خُداوند کا کلام مُجھ پر نازِل ہُؤا۔

18 کہ اَے آدم زاد مِصر کی جمعِیّت پر واوَیلا کر اور اُس کو اور نامدار قَوموں کی بیٹِیوں کو پاتال میں اُترنے والوں کے ساتھ زمِین کے اسفل میں گِرا دے۔

19 تُو حُسن میں کِس سے بڑھ کر تھا؟

اُتر اور نامختُونوں کے ساتھ پڑا رہ۔

20 وہ اُن کے درمِیان گِریں گے جو تلوار سے قتل ہُوئے ۔ وہ تلوار کے حوالہ کِیا گیا ہے۔اُسے اور اُس کی تمام جمعِیّت کو گھسِیٹ لے جا۔

21 وہ جو زورآوروں میں سب سے توانا ہیں پاتال میں اُس سے اور اُس کے مددگاروں سے مُخاطِب ہوں گے ۔ وہ پاتال میں اُتر گئے ۔ وہ بے حِس پڑے ہیں یعنی وہ نامختُون جو تلوار سے قتل ہُوئے۔

22 اسُور اور اُس کی تمام جمعِیّت وہاں ہیں ۔ اُس کی چاروں طرف اُن کی قبریں ہیں ۔ سب کے سب تلوار سے قتل ہُوئے ہیں۔

23 جِن کی قبریں پاتال کی تہ میں ہیں اور اُس کی تمام جمعِیّت اُس کی قبر کے گِردا گِرد ہے ۔ سب کے سب تلوار سے قتل ہُوئے جو زِندوں کی زمِین میں ہَیبت کا باعِث تھے۔

24 عَیلا م اور اُس کی تمام گروہ جو اُس کی قبر کے گِرداگِرد ہیں وہاں ہیں ۔ سب کے سب تلوار سے قتل ہُوئے ہیں ۔ وہ زمِین کے اسفل میں نامختُون اُتر گئے جو زِندوں کی زمِین میں ہَیبت کا باعِث تھے اور اُنہوں نے پاتال میں اُترنے والوں کے ساتھ خجالت اُٹھائی ہے۔

25 اُنہوں نے اُس کے لِئے اور اُس کی تمام گروہ کے لِئے مقتُولوں کے درمِیان بِستر لگایا ہے ۔ اُس کی قبریں اُس کے گِرداگِرد ہیں سب کے سب نامختُون تلوار سے قتل ہُوئے ہیں ۔ وہ زِندوں کی زمِین میں ہَیبت کا باعِث تھے اور اُنہوں نے پاتال میں اُترنے والوں کے ساتھ رُسوائی اُٹھائی ۔ وہ مقتُولوں میں رکھّے گئے۔

26 مسک اور تُوبل اور اُس کی تمام جمعِیّت وہاں ہیں ۔ اُس کی قبریں اُس کے گِرداگِرد ہیں ۔ سب کے سب نامختُون اور تلوار کے مقتُول ہیں ۔ اگرچہ زِندوں کی زمِین میں ہَیبت کا باعِث تھے۔

27 کیا وہ اُن بہادُروں کے ساتھ جو نامختُونوں میں سے قتل ہُوئے جو اپنے جنگ کے ہتھیاروں سمیت پاتال میں اُتر گئے پڑے نہ رہیں گے؟ اُن کی تلواریں اُن کے سروں کے نِیچے رکھّی ہیں اور اُن کی بدکرداری اُن کی ہڈِّیوں پر ہے کیونکہ وہ زِندوں کی زمِین میں بہادُروں کے لِئے ہَیبت کا باعِث تھے۔

28 اور تُو نامختُونوں کے درمِیان توڑا جائے گا اور تلوارکے مقتُولوں کے ساتھ پڑا رہے گا۔

29 وہاں ادُو م بھی ہے ۔ اُس کے بادشاہ اور اُس کے سب اُمراجو باوُجُود اپنی قُوّت کے تلوار کے مقتُولوں میں رکھّے گئے ہیں ۔ وہ نامختُونوں اور پاتال میں اُترنے والوں کے ساتھ پڑے رہیں گے۔

30 شِمال کے تمام اُمرا اور تمام صَیدانی جو مقتُولوں کے ساتھ پاتال میں اُتر گئے باوُجُود اپنے رُعب کے اپنی زورآوری سے شرمِندہ ہُوئے۔ وہ تلوار کے مقتُولوں کے ساتھ نامختُون پڑے رہیں گے اور پاتال میں اُترنے والوں کے ساتھ رُسوائی اُٹھائیں گے۔

31 فِرعو ن اُن کو دیکھ کر اپنی تمام جمعِیّت کی بابت تسلّی پذِیر ہو گا ۔ ہاں فِرعو ن اور اُس کا تمام لشکر جو تلوار سے قتل ہُوئے خُداوند خُدا فرماتا ہے۔

32 کیونکہ مَیں نے زِندوں کی زمِین میں اُس کی ہَیبت قائِم کی اور وہ تلوار کے مقتُولوں کے ساتھ نامختُونوں میں رکھّا جائے گا ۔ ہاں فِرعو ن اور اُس کی جمعِیّت خُداوند خُدا فرماتا ہے۔

حِزقی ایل 33

خُداوند حِزقی ایل کو نِگہبان مقُرّر کرتا ہے

1 پِھر خُداوند کا کلام مُجھ پر نازِل ہُؤا۔

2 کہ اَے آدم زاد تُو اپنی قَوم کے فرزندوں سے مُخاطِب ہو اور اُن سے کہہ جِس وقت مَیں کِسی سرزمِین پر تلوار چلاؤُں اور اُس کے لوگ اپنے بہادُروں میں سے ایک کو لیں اور اُسے اپنا نِگہبان ٹھہرائیں۔

3 اور وہ تلوار کو اپنی سرزمِین پر آتے دیکھ کر نرسِنگا پُھونکے اور لوگوں کو ہوشیار کرے۔

4 تب جو کوئی نرسِنگے کی آواز سُنے اور ہوشیار نہ ہو اور تلوار آئے اور اُسے قتل کرے تو اُس کا خُون اُسی کی گردن پر ہو گا۔

5 اُس نے نرسِنگے کی آواز سُنی اور ہوشیار نہ ہُؤا ۔اُس کا خُون اُسی پر ہو گا حالانکہ اگر وہ ہوشیار ہوتا تو اپنی جان بچاتا۔

6 پر اگر نِگہبان تلوار کو آتے دیکھے اور نرسِنگا نہ پُھونکے اور لوگ ہوشیار نہ کِئے جائیں اور تلوار آئے اور اُن کے درمِیان سے کِسی کو لے جائے تو وہ تو اپنی بدکرداری میں ہلاک ہُؤا لیکن مَیں نِگہبان سے اُس کے خُون کی بازپُرس کرُوں گا۔

7 سو تُو اَے آدم زاد اِس لِئے کہ مَیں نے تُجھے بنی اِسرائیل کا نِگہبان مُقرّر کِیا میرے مُنہ کا کلام سُن رکھ اورمیری طرف سے اُن کو ہوشیار کر۔

8 جب مَیں شرِیر سے کہُوں اَے شرِیر تُو یقِیناً مَرے گا اُس وقت اگر تُو شرِیر سے نہ کہے اور اُسے اُس کی روِش سے آگاہ نہ کرے تو وہ شرِیر تو اپنی بدکرداری میں مَرے گا پر مَیں تُجھ سے اُس کے خُون کی بازپُرس کرُوں گا۔

9 لیکن اگر تُو اُس شرِیر کو جتائے کہ وہ اپنی روِش سے باز آئے اور وہ اپنی روِش سے باز نہ آئے تو وہ تو اپنی بدکرداری میں مَرے گا لیکن تُو نے اپنی جان بچالی۔

اِنفرادی ذِمّہ داری

10 اِس لِئے اَے آدم زاد تُو بنی اِسرائیل سے کہہ تُم یُوں کہتے ہو کہ فی الحقِیقت ہماری خطائیں اور ہمارے گُناہ ہم پر ہیں ۔ اور ہم اُن میں گُھلتے رہتے ہیں ۔ پس ہم کیونکر زِندہ رہیں گے؟۔

11 تُو اُن سے کہہ خُداوند خُدا فرماتا ہے مُجھے اپنی حیات کی قَسم شرِیر کے مَرنے میں مُجھے کُچھ خُوشی نہیں بلکہ اِس میں ہے کہ شرِیر اپنی راہ سے باز آئے اور زِندہ رہے ۔ اَے بنی اِسرائیل باز آؤ ۔ تُم اپنی بُری روِش سے باز آؤ ۔ تُم کیوں مَرو گے؟۔

12 اِس لِئے اَے آدم زاد اپنی قَوم کے فرزندوں سے یُوں کہہ کہ صادِق کی صداقت اُس کی خطاکاری کے دِن اُسے نہ بچائے گی اور شرِیر کی شرارت جب وہ اُس سے باز آئے تو اُس کے گِرنے کا سبب نہ ہو گی اور صادِق جب گُناہ کرے تو اپنی صداقت کے سبب سے زِندہ نہ رہ سکے گا۔

13 جب مَیں صادِق سے کہُوں کہ تُو یقِیناً زِندہ رہے گااگر وہ اپنی صداقت پر تکیہ کر کے بدکرداری کرے تو اُس کی صداقت کے کام فراموش ہو جائیں گے اور وہ اُس بدکرداری کے سبب سے جو اُس نے کی ہے مَرے گا۔

14 اور جب شرِیر سے کہُوں تو یقِیناً مَرے گا اگر وہ اپنے گُناہ سے باز آئے اور وُہی کرے جو جائِز و روا ہے۔

15 اگر وہ شرِیر گِرو واپس کر دے اور جو اُس نے لُوٹ لِیا ہے واپس دے دے اور زِندگی کے آئِین پر چلے اور ناراستی نہ کرے تو وہ یقِیناً زِندہ رہے گا ۔ وہ نہیں مَرے گا۔

16 جو گُناہ اُس نے کِئے ہیں اُس کے خِلاف محسُوب نہ ہوں گے۔ اُس نے وُہی کیا جو جائِز و روا ہے ۔ وہ یقِیناً زِندہ رہے گا۔

17 پر تیری قَوم کے فرزند کہتے ہیں کہ خُداوند کی روِش راست نہیں حالانکہ خُود اُن ہی کی روِش ناراست ہے۔

18 اگر صادِق اپنی صداقت چھوڑ کر بدکرداری کرے تو وہ یقِیناًاُسی کے سبب سے مَرے گا۔

19 اور اگر شرِیر اپنی شرارت سے باز آئے اور وُہی کرے جو جائِز و روا ہے تو اُس کے سبب سے زِندہ رہے گا۔

20 پِھر بھی تُم کہتے ہو کہ خُداوند کی روِش راست نہیں ہے ۔ اَے بنی اِسرائیل مَیں تُم میں سے ہر ایک کی روِش کے مُطابِق تُمہاری عدالت کرُوں گا۔

سقُوطِ یروشلیم کی خبر

21 ہماری اسِیری کے بارھویں برس کے دسویں مہِینے کی پانچوِیں تارِیخ کو یُوں ہُؤا کہ ایک شخص جو یروشلیِم سے بھاگ نِکلا تھا میرے پاس آیا اور کہنے لگا کہ شہر مُسخّر ہو گیا۔

22 اور شام کے وقت اُس فراری کے پُہنچنے سے پیشتر خُداوند کا ہاتھ مُجھ پر تھا اور اُس نے میرا مُنہ کھول دِیا ۔ اُس نے صُبح کو اُس کے میرے پاس آنے سے پہلے میرا مُنہ کھول دِیا اور مَیں پِھر گُونگا نہ رہا۔

اُمّت کے گُناہ

23 تب خُداوند کا کلام مُجھ پر نازِل ہُؤا۔

24 کہ اَے آدم زاد مُلکِ اِسرائیل کے وِیرانوں کے باشِندے یُوں کہتے ہیں کہ ابرہا م ایک ہی تھا اور وہ اِس مُلک کا وارِث ہُؤا پر ہم تُو بُہت سے ہیں ۔ مُلک ہم کو مِیراث میں دِیا گیا ہے۔

25 اِس لِئے تُو اُن سے کہہ دے خُداوند خُدا یُوں فرماتا ہے کہ تُم لہُو سمیت کھاتے اور اپنے بُتوں کی طرف آنکھ اُٹھاتے ہو اور خُون ریزی کرتے ہو ۔ کیا تُم مُلک کے وارِث ہو گے؟۔

26 تُم اپنی تلوار پر تکیہ کرتے ہو ۔ تُم مکرُوہ کام کرتے ہو اور تُم میں سے ہر ایک اپنے ہمسایہ کی بِیوی کو ناپاک کرتا ہے ۔ کیا تُم مُلک کے وارِث ہو گے؟۔

27 تُو اُن سے یُوں کہنا کہ خُداوند خُدا یُوں فرماتا ہے کہ مُجھے اپنی حیات کی قَسم وہ جو وِیرانوں میں ہیں تلوار سے قتل ہوں گے اور اُسے جو کُھلے مَیدان میں ہے درِندوں کو دُوں گا کہ نِگل جائیں اور وہ جو قلعوں اورغاروں میں ہیں وبا سے مَریں گے۔

28 کیونکہ مَیں اِس مُلک کو اُجاڑا اور باعِثِ حَیرت بناؤُں گا اور اِس کی قُوّت کا گھمنڈ جاتا رہے گا اور اِسرائیل کے پہاڑ وِیران ہوں گے یہاں تک کہ کوئی اُن پر سے گُذر نہیں کرے گا۔

29 اور جب مَیں اُن کے تمام مکرُوہ کاموں کے سبب سے جو اُنہوں نے کِئے ہیں مُلک کو وِیران اور باعِث حَیرت بناؤُں گا تو وہ جانیں گے کہ مَیں خُداوند ہُوں۔

نبی کے پَیغام کا نتِیجہ

30 پر اَے آدم زاد فی الحال تیری قَوم کے فرزند دِیواروں کے پاس اور گھروں کے آستانوں پر تیری بابت گُفتگُو کرتے ہیں اور ایک دُوسرے سے کہتے ہیں ہاں ہر ایک اپنے بھائی سے یُوں کہتا ہے چلو وہ کلام سُنیں جو خُداوند کی طرف سے نازِل ہُؤا ہے۔

31 وہ اُمّت کی طرح تیرے پاس آتے اور میرے لوگوں کی مانِند تیرے آگے بَیٹھتے اور تیری باتیں سُنتے ہیں لیکن اُن پر عمل نہیں کرتے کیونکہ وہ اپنے مُنہ سے تو بُہت مُحبّت ظاہر کرتے ہیں پر اُن کا دِل لالچ پر دَوڑتا ہے۔

32 اور دیکھ تُو اُن کے لِئے نِہایت مرغُوب سرودی کی مانِند ہے جو خُوش الحان اور ماہِر ساز بجانے والا ہو کیونکہ وہ تیری باتیں سُنتے ہیں لیکن اُن پر عمل نہیں کرتے۔

33 اور جب یہ باتیں وقُوع میں آئیں گی (دیکھ وہ جلد وقُوع میں آنے والی ہیں) تب وہ جانیں گے کہ اُن کے درمِیان ایک نبی تھا۔

حِزقی ایل 34

اِسرا ئیل کے چرواہے

1 اور خُداوند کا کلام مُجھ پر نازِل ہُؤا۔

2 کہ اَے آدم زاد اِسرائیل کے چرواہوں کے خِلاف نُبوّت کر ۔ ہاں نبُوّت کر اور اُن سے کہہ خُداوند خُدا چرواہوں کو یُوں فرماتا ہے کہ اِسرائیل کے چرواہوں پر افسوس جو اپنا ہی پیٹ بھرتے ہیں ۔ کیا چرواہوں کو مُناسِب نہیں کہ بھیڑوں کو چرائیں؟۔

3 تُم چِکنائی کھاتے اور اُون پہنتے ہو اور جو فربہ ہیں اُن کو ذبح کرتے ہو لیکن گلّہ نہیں چراتے۔

4 تُم نے کمزوروں کو توانائی اور بِیماروں کو شِفا نہیں دی اور ٹُوٹے ہُوئے کو نہیں باندھا اور وہ جو نِکال دِئے گئے اُن کو واپس نہیں لائے اور گُم شُدہ کی تلاش نہیں کی بلکہ زبردستی اور سختی سے اُن پر حُکومت کی۔

5 اور وہ تِتّربِتّر ہو گئے کیونکہ کوئی پاسبان نہ تھااور وہ پراگندہ ہو کر مَیدان کے سب درِندوں کی خُوراک ہُوئے۔

6 میری بھیڑیں تمام پہاڑوں پر اور ہر ایک اُونچے ٹِیلے پر بھٹکتی پِھرتی تِھیں ۔ ہاں میری بھیڑیں تمام رُویِ زمِین پر تِتّربِتّر ہو گئِیں اور کِسی نے نہ اُن کو ڈُھونڈا نہ اُن کی تلاش کی۔

7 اِس لِئے اَے پاسبانو خُداوند کا کلام سُنو۔

8 خُداوند خُدا فرماتا ہے مُجھے اپنی حیات کی قَسم چُونکہ میری بھیڑیں شِکار ہو گئِیں ہاں میری بھیڑیں ہر ایک دشتی درِندہ کی خُوراک ہُوئِیں کیونکہ کوئی پاسبان نہ تھا اور میرے پاسبانوں نے میری بھیڑوں کی تلاش نہ کی بلکہ اُنہوں نے اپنا پیٹ بھرا اور میری بھیڑوں کو نہ چرایا۔

9 اِس لِئے اَے پاسبانو خُداوند کا کلام سُنو۔

10 خُداوند خُدا یُوں فرماتا ہے کہ دیکھ مَیں چرواہوں کا مُخالِف ہُوں اور اپنا گلّہ اُن کے ہاتھ سے طلب کرُوں گا اور اُن کو گلّہ بانی سے معزُول کرُوں گا اور چرواہے آیندہ کو اپنا پیٹ نہ بھر سکیں گے کیونکہ مَیں اپنا گلّہ اُن کے مُنہ سے چُھڑا لُوں گا تاکہ وہ اُن کی خُوراک نہ ہو۔

اچھّا چرواہا

11 کیونکہ خُداوند خُدا فرماتا ہے دیکھ مَیں خُود اپنی بھیڑوں کی تلاش کرُوں گا اور اُن کو ڈُھونڈ نِکالُوں گا۔

12 جِس طرح چرواہا اپنے گلّہ کی تلاش کرتا ہے جب کہ وہ اپنی بھیڑوں کے درمِیان ہو جو پراگندہ ہو گئی ہیں اُسی طرح مَیں اپنی بھیڑوں کو ڈُھونڈوں گا اور اُن کو ہر جگہ سے جہاں وہ ابر اور تارِیکی کے دِن تِتّربِتّر ہو گئی ہیں چُھڑا لاؤُں گا۔

13 اور مَیں اُن کو سب اُمّتوں کے درمِیان سے واپس لاؤُں گااور سب مُلکوں میں سے فراہم کرُوں گا اور اُن ہی کے مُلک میں پُہنچاؤُں گا اور اِسرائیل کے پہاڑوں پر نہروں کے کنارے اور زمِین کے تمام آباد مکانوں میں چراؤُں گا۔

14 اور اُن کو اچّھی چراگاہ میں چراؤُں گا اور اُن کی آرامگاہ اِسرائیل کے اُونچے پہاڑوں پر ہو گی ۔ وہاں وہ عُمدہ آرام گاہ میں لیٹیں گی اور ہری چراگاہ میں اِسرائیل کے پہاڑوں پر چریں گی۔

15 مَیں ہی اپنے گلّہ کو چراؤُں گا اور اُن کو لِٹاؤُں گا خُداوند خُدا فرماتا ہے۔

16 مَیں گُم شُدہ کی تلاش کرُوں گا اور خارِج شُدہ کو واپس لاؤُں گا اور شِکستہ کو باندُھوں گا اور بِیماروں کو تقوِیّت دُوں گا لیکن موٹوں اور زبردستوں کو ہلاک کرُوں گا ۔ مَیں اُن کو سیاست کا کھانا کھِلاؤُں گا۔

17 اور تُمہارے حق میں خُداوند خُدا یُوں فرماتا ہے اَے میری بھیڑو دیکھو مَیں بھیڑ بکرِیوں اور مینڈھوں اور بکروں کے درمِیان اِمتِیاز کر کے اِنصاف کرُوں گا۔

18 کیا تُم کو یہ ہلکی سی بات معلُوم ہُوئی کہ تُم اچّھاسبزہ زار کھا جاؤ اور باقی ماندہ کو پاؤں سے لتاڑواور صاف پانی میں سے پِیو اور باقی ماندہ کو پاؤں سے گدلا کرو؟۔

19 اور جو تُم نے پاؤں سے لتاڑا ہے وہ میری بھیڑیں کھاتی ہیں اور جو تُم نے پاؤں سے گدلا کِیا پِیتی ہیں۔

20 اِس لِئے خُداوند خُدا اُن کو یُوں فرماتا ہے کہ دیکھومَیں ہاں مَیں موٹی اور دُبلی بھیڑوں کے درمِیان اِنصاف کرُوں گا۔

21 چُونکہ تُم نے پہلُو اور کندھے سے دھکیلا ہے اور تمام بِیماروں کو اپنے سِینگوں سے ریلا ہے یہاں تک کہ وہ تِتّربِتّر ہُوئے۔

22 اِس لِئے مَیں اپنے گلّہ کو بچاؤُں گا ۔ وہ پِھر کبھی شِکار نہ ہوں گے اور مَیں بھیڑ بکرِیوں کے درمیان اِنصاف کرُوں گا۔

23 اور مَیں اُن کے لِئے ایک چَوپان مُقرّر کرُوں گا اور وہ اُن کو چرائے گا یعنی میرا بندہ داؤُد ۔ وہ اُن کو چرائے گا اور وُہی اُن کا چَوپان ہو گا۔

24 اور مَیں خُداوند اُن کا خُدا ہُوں گا اور میرا بندہ داؤُد اُن کے درمِیان فرمانروا ہو گا ۔ مَیں خُداوندنے یُوں فرمایا ہے۔

25 اور مَیں اُن کے ساتھ صُلح کا عہد باندُھوں گا اور سب بُرے درِندوں کو مُلک سے نابُود کرُوں گا اور وہ بیابان میں سلامتی سے رہا کریں گے اور جنگلوں میں سوئیں گے۔

26 اور مَیں اُن کو اور اُن جگہوں کو جو میرے پہاڑ کے آس پاس ہیں برکت کا باعِث بناؤُں گا اور مَیں بروقت مِینہہ برساؤُں گا ۔ برکت کی بارِش ہو گی۔

27 اور مَیدان کے درخت اپنا میوہ دیں گے اور زمِین اپنا حاصِل دے گی اور وہ سلامتی کے ساتھ اپنے مُلک میں بسیں گے اور جب مَیں اُن کے جُوئے کا بندھن توڑُوں گا اور اُن کے ہاتھ سے جو اُن سے خِدمت کرواتے ہیں چُھڑاؤُں گا تو وہ جانیں گے کہ مَیں خُداوند ہُوں۔

28 اور وہ آگے کو قَوموں کا شِکار نہ ہوں گے اور زمِین کے درِندے اُن کو نِگل نہ سکیں گے بلکہ وہ امن سے بسیں گے اور اُن کو کوئی نہ ڈرائے گا۔

29 اور مَیں اُن کے لِئے ایک نامور پَودا برپا کرُوں گا اور وہ پِھر کبھی اپنے مُلک میں قحط سے ہلاک نہ ہوں گے اور آگے کو قَوموں کا طعنہ نہ اُٹھائیں گے۔

30 اور وہ جانیں گے کہ مَیں خُداوند اُن کا خُدا اُن کے ساتھ ہُوں اور وہ یعنی بنی اِسرائیل میرے لوگ ہیں خُداوند خُدا فرماتا ہے۔

31 اور تُم اَے میری بھیڑو میری چراگاہ کی بھیڑو اِنسان ہو اور مَیں تُمہارا خُدا ہُوں خُداوند خُدا فرماتا ہے۔

حِزقی ایل 35

خُداوندکی طرف سے ادُوم کے لِئے سزا

1 اور خُداوند کا کلام مُجھ پر نازِل ہُؤا۔

2 کہ اَے آدم زاد کوہِ شِعِیر کی طرف مُتوجِّہ ہو اوراُس کے خِلاف نبُوّت کر۔

3 اور اُس سے کہہ خُداوند خُدا یُوں فرماتا ہے کہ

دیکھ اَے کوہِ شعِیر مَیں تیرا مُخالِف ہُوں

اور تُجھ پر اپنا ہاتھ چلاؤُں گا اور تُجھے وِیران اور

بے چراغ کرُوں گا۔

4 مَیں تیرے شہروں کو اُجاڑُوں گا

اور تُو وِیران ہو گا

اور جانے گا کہ خُداوند مَیں ہُوں۔

5 چُونکہ تُو قدِیم سے عداوت رکھتا ہے اور تُو نے بنی اِسرائیل کو اُن کی مُصِیبت کے دِن اُن کی بدکرداری کے آخِر میں تلوار کی دھار کے حوالہ کِیا ہے۔

6 اِس لِئے خُداوند خُدا فرماتا ہے کہ مُجھے اپنی حیات کی قَسم مَیں تُجھے خُون کے لِئے حوالہ کرُوں گا اور خُون تُجھے رگیدے گا ۔ چُونکہ تُو نے خُون ریزی سے نفرت نہ رکھّی اِس لِئے خُون تیرا پِیچھا کرے گا۔

7 یُوں مَیں کوہِ شعِیر کو وِیران اور بے چراغ کرُوں گا اور اُس میں سے گُذرنے والے اور واپس آنے والے کو نابُود کرُوں گا۔

8 اور اُس کے پہاڑوں کو اُس کے مقتُولوں سے بھر دُوں گا۔ تلوار کے مقتُول تیرے ٹِیلوں اور تیری وادِیوں اور تیری تمام ندِیوں میں گِریں گے۔

9 مَیں تُجھے ابد تک وِیران رکھُّوں گا اور تیری بستِیاں پِھر آباد نہ ہوں گی اور تُم جانو گے کہ مَیں خُداوند ہُوں۔

10 چُونکہ تُو نے کہا کہ یہ دو قَومیں اور یہ دو مُلک میرے ہوں گے اور ہم اُن کے مالِک ہوں گے باوُجُودیکہ خُداوند وہاں تھا۔

11 اِس لِئے خُداوند خُدا فرماتا ہے مُجھے اپنی حیات کی قَسم مَیں تیرے قہر اور حسد کے مُطابِق جو تُو نے اپنی کِینہ وری سے اُن کے خِلاف ظاہِر کِیا تُجھ سے سلُوک کرُوں گا اور جب مَیں تُجھ پر فتویٰ دُوں گا تو اُن کے درمِیان مشہُور ہُوں گا۔

12 اور تُو جانے گا کہ مَیں خُداوند نے تیری تمام حقارت کی باتیں جو تُو نے اِسرائیل کے پہاڑوں کی مُخالفت میں کہِیں کہ وہ وِیران ہُوئے اور ہمارے قبضہ میں کر دِئے گئے کہ ہم اُن کو نِگل جائیں سُنی ہیں۔

13 اِسی طرح تُم نے میرے خِلاف اپنی زُبان سے لاف زنی کی اور میرے مُقابِل زِیادہ گوئی کی ہے جو مَیں سُن چُکا ہُوں۔

14 خُداوند خُدایُوں فرماتا ہے کہ جب تمام دُنیا خُوشی کرے گی مَیں تُجھے وِیران کرُوں گا۔

15 جِس طرح تُو نے بنی اِسرائیل کی مِیراث پر اِس لِئے کہ وہ وِیران تھی شادمانی کی اُسی طرح مَیں بھی تُجھ سے کرُوں گا ۔ اَے کوہِ شعِیر تُو اور تمام ادُو م بِالکُل وِیران ہو گے اور لوگ جانیں گے کہ مَیں خُداوند ہُوں۔

حِزقی ایل 36

اِسرا ئیل پر خُداوندکی برکت

1 اَے آدم زاد اِسرائیل کے پہاڑوں سے نبُوّت کر اور کہہ اَے اِسرائیل کے پہاڑو خُداوند کا کلام سُنو۔

2 خُداوند خُدا یُوں فرماتا ہے کہ چُونکہ دُشمن نے تُم پر اہاہا! کہا اور یہ کہ وہ اُونچے اُونچے قدِیم مقام ہمارے ہی ہو گئے۔

3 اِس لِئے نبُوّت کر اور کہہ خُداوند خُدا یُوں فرماتا ہے کہ اِس سبب سے ہاں اِسی سبب سے کہ اُنہوں نے تُم کو وِیران کِیا اور ہر طرف سے تُم کو نِگل گئے تاکہ جو قَوموں میں سے باقی ہیں تُمہارے مالِک ہوں اور تُمہارے حق میں بکواسِیوں نے زُبان کھولی ہے اور تُم لوگوں میں بدنام ہُوئے ہو۔

4 اِس لِئے اَے اِسرائیل کے پہاڑو خُداوند خُدا کا کلام سُنو ۔ خُداوند خُدا پہاڑوں اور ٹِیلوں ۔ نالوں اور وادِیوں اور اُجاڑ وِیرانوں سے اور مترُوک شہروں سے جو آس پاس کی قَوموں کے باقی لوگوں کے لِئے لُوٹ اور جایِ تمسخُر ہُوئے ہیں یُوں فرماتا ہے۔

5 ہاں اِسی لِئے خُداوند خُدا یُوں فرماتا ہے کہ یقِیناً مَیں نے اقوام کے باقی لوگوں کا اور تمام ادُو م کا مُخالِف ہو کر جِنہوں نے اپنے پُورے دِل کی خُوشی سے اور قلبی عداوت سے اپنے آپ کو میری سرزمِین کے مالِک ٹھہرایا تاکہ اُن کے لِئے غنِیمت ہو اپنی غَیرت کے جوش میں فرمایا ہے۔

6 اِس لِئے تُو اِسرائیل کے مُلک کی بابت نبُوّت کر اور پہاڑوں اور ٹِیلوں ۔ نالوں اور وادِیوں سے کہہ خُداوند خُدا یُوں فرماتا ہے کہ دیکھو مَیں نے اپنی غَیرت اوراپنے قہر میں کلام کِیا اِس لِئے کہ تُم نے قَوموں کی ملامت اُٹھائی ہے۔

7 پس خُداوند خُدا یُوں فرماتا ہے کہ مَیں نے قَسم کھائی ہے کہ یقِیناً تُمہارے آس پاس کی اقوام آپ ہی ملامت اُٹھائیں گی۔

8 پر تُم اَے اِسرائیل کے پہاڑو اپنی شاخیں نِکالو گے اور میری اُمّت اِسرائیل کے لِئے پَھل لاؤ گے کیونکہ وہ جلد آنے والے ہیں۔

9 اِس لِئے دیکھو مَیں تُمہاری طرف ہُوں اور تُم پر توجُّہ کرُوں گا اور تُم جوتے اور بوئے جاؤ گے۔

10 اور مَیں آدمِیوں کو ہاں اِسرائیل کے تمام گھرانے کو تُم پر بُہت بڑھاؤُں گا اور شہر آباد ہوں گے اور کھنڈر پِھر تعمِیر کِئے جائیں گے۔

11 اور مَیں تُم پر اِنسان و حَیوان کی فراوانی کرُوں گا اور وہ بُہت ہوں گے اور پھلیں گے اور مَیں تُم کو اَیسے آباد کرُوں گا جَیسے تُم پہلے تھے اور تُم پر تُمہاری اِبتدا کے ایّام سے زِیادہ اِحسان کرُوں گا اور تُم جانو گے کہ مَیں خُداوند ہُوں۔

12 ہاں مَیں اَیسا کرُوں گا کہ آدمی یعنی میرے اِسرائیلی لوگ تُم پر چلیں پِھریں گے اور تُمہارے مالِک ہوں گے اور تُم اُن کی مِیراث ہو گے اور پِھر اُن کو بے اَولاد نہ کرو گے۔

13 خُداوند خُدا یُوں فرماتا ہے کہ چُونکہ وہ تُجھ سے کہتے ہیں اَے زمِین تُواِنسان کو نِگلتی ہے اور تُو نے اپنی قَوموں کو بے اَولاد کِیا۔

14 اِس لِئے آیندہ نہ تُو اِنسان کو نِگلے گی نہ اپنی قَوموں کو بے اَولاد کرے گی خُداوند خُدا فرماتا ہے۔

15 اور مَیں اَیسا کرُوں گا کہ لوگ تُجھ پر کبھی دِیگر اقوام کا طعنہ نہ سُنیں گے اور تُو قَوموں کی ملامت نہ اُٹھائے گی اور پِھر اپنے لوگوں کی لغزِش کا باعِث نہ ہو گی خُداوند خُدا فرماتا ہے۔

اِسرا ئیل کی نئی زِندگی

16 اور خُداوند کا کلام مُجھ پر نازِل ہُؤا۔

17 کہ اَے آدم زاد جب بنی اِسرائیل اپنے مُلک میں بستے تھے اُنہوں نے اپنی روِش اور اپنے اعمال سے اُس کو ناپاک کِیا ۔ اُن کی روِش میرے نزدِیک عَورت کی ناپاکی کی حالت کی مانِند تھی۔

18 اِس لِئے مَیں نے اُس خُون ریزی کے سبب سے جو اُنہوں نے اُس مُلک میں کی تھی اور اُن بُتوں کے سبب سے جِن سے اُنہوں نے اُسے ناپاک کِیا تھا اپنا قہر اُن پر نازِل کِیا۔

19 اور مَیں نے اُن کو قَوموں میں پراگندہ کِیا اور وہ مُلکوں میں تِتّربِتّر ہو گئے اور اُن کی روِش اور اُن کے اعمال کے مُطابِق مَیں نے اُن کی عدالت کی۔

20 اور جب وہ دِیگر اقوام کے درمِیان جہاں جہاں وہ گئے تھے پُہنچے تو اُنہوں نے میرے مُقدّس نام کو ناپاک کِیا کیونکہ لوگ اُن کی بابت کہتے تھے کہ یہ خُداوند کے لوگ ہیں اور اُس کے مُلک سے نِکل آئے ہیں۔

21 لیکن مُجھے اپنے پاک نام پر جِس کو بنی اِسرائیل نے اُن قَوموں کے درمیان جہاں وہ گئے تھے ناپاک کِیا افسوس ہُؤا۔

22 اِس لِئے تُو بنی اِسرائیل سے کہہ دے کہ خُداوند خُدا یُوں فرماتا ہے اَے بنی اِسرائیل تُمہاری خاطِر نہیں بلکہ اپنے مُقدّس نام کی خاطِر جِس کو تُم نے اُن قَوموں کے درمِیان جہاں تُم گئے تھے ناپاک کِیا یہ کرتا ہُوں۔

23 مَیں اپنے بزُرگ نام کی جو قَوموں کے درمِیان ناپاک کِیا گیا جِس کو تُم نے اُن کے درمِیان ناپاک کِیا تھا تقدِیس کرُوں گا اور جب اُن کی آنکھوں کے سامنے تُم سے میری تقدِیس ہو گی تب وہ قَومیں جانیں گی کہ مَیں خُداوند ہُوں خُداوند خُدا فرماتا ہے۔

24 کیونکہ مَیں تُم کو اُن قَوموں میں سے نِکال لُوں گا اور تمام مُلکوں میں سے فراہم کرُوں گا اور تُم کو تُمہارے وطن میں واپس لاؤُں گا۔

25 تب تُم پر صاف پانی چِھڑکُوں گا اور تُم پاک صاف ہو گے اور مَیں تُم کو تُمہاری تمام گندگی سے اور تُمہارے سب بُتوں سے پاک کرُوں گا۔

26 اور مَیں تُم کو نیا دِل بخشُوں گا اور نئی رُوح تُمہارے باطِن میں ڈالُوں گا اور تُمہارے جِسم میں سے سنگِین دِل کو نِکال ڈالُوں گا اور گوشتِین دِل تُم کو عِنایت کرُوں گا۔

27 اور مَیں اپنی رُوح تُمہارے باطِن میں ڈالُوں گا اور تُم سے اپنے آئِین کی پیرَوی کراؤُں گا اور تُم میرے احکام پر عمل کرو گے اور اُن کو بجا لاؤ گے۔

28 اور تُم اُس مُلک میں جو مَیں نے تُمہارے باپ دادا کو دِیا سکُونت کرو گے اور تُم میرے لوگ ہو گے اور مَیں تُمہارا خُدا ہُوں گا۔

29 اور مَیں تُم کو تُمہاری تمام ناپاکی سے چُھڑاؤُں گا اور اناج منگواؤُں گا اور اِفراط بخشُوں گا اور تُم پر قحط نہ بھیجُوں گا۔

30 اور مَیں درخت کے پَھلوں میں اور کھیت کے حاصِل میں افزایش بخشُوں گا یہاں تک کہ تُم آیندہ کو قَوموں کے درمِیان قحط کے سبب سے ملامت نہ اُٹھاؤ گے۔

31 تب تُم اپنی بُری روِش اور بد اعمالی کو یاد کرو گے اور اپنی بدکرداری و مکرُوہات کے سبب سے اپنی نظر میں گِھنَونے ٹھہرو گے۔

32 مَیں یہ تُمہاری خاطِر نہیں کرتا ہُوں خُداوند خُدا فرماتا ہے ۔ یہ تُم کو یاد رہے ۔ تُم اپنی راہوں کے سبب سے خجالت اُٹھاؤ اور شرمِندہ ہو اَے بنی اِسرائیل۔

33 خُداوند خُدا یُوں فرماتا ہے کہ جِس دِن مَیں تُم کو تُمہاری تمام بدکرداری سے پاک کرُوں گا اُسی دِن تُم کو تُمہارے شہروں میں بساؤُں گا اور تُمہارے کھنڈر تعمِیر ہو جائیں گے۔

34 اور وہ وِیران زمِین جو تمام راہ گُذروں کی نظروں میں وِیران پڑی تھی جوتی جائے گی۔

35 اور وہ کہیں گے کہ یہ سرزمِین جو خراب پڑی تھی باغِ عدن کی مانِند ہو گئی اور اُجاڑ اور وِیران و خراب شہر مُحکِم اور آباد ہو گئے۔

36 تب وہ قَومیں جو تُمہارے آس پاس باقی ہیں جانیں گی کہ مَیں خُداوند نے اُجاڑ مکانوں کو تعمِیر کِیا ہے اور وِیرانہ کو باغ بنایا ہے ۔ مَیں خُداوند نے فرمایا ہے اور مَیں ہی کر دِکھاؤُں گا۔

37 خُداوند خُدا یُوں فرماتا ہے کہ بنی اِسرائیل مُجھ سے یہ درخواست بھی کر سکیں گے اور مَیں اُن کے لِئے اَیسا کرُوں گا کہ اُن کے لوگوں کو بھیڑ بکرِیوں کی طرح فراوان کرُوں۔

38 جَیسا مُقدّس گلّہ تھا اور جِس طرح یرُوشلیم کا گلّہ اُس کی مُقرّ رہ عِیدوں میں تھا اُسی طرح اُجاڑ شہر آدمِیوں کے غولوں سے معمُور ہوں گے اور وہ جانیں گے کہ مَیں خُداوند ہُوں۔

حِزقی ایل 37

سُوکھی ہڈِّیوں کی وادی

1 خُداوند کا ہاتھ مُجھ پر تھا اور اُس نے مُجھے اپنی رُوح میں اُٹھا لِیا اور اُس وادی میں جو ہڈّ ِیوں سے پُر تھی مُجھے اُتار دِیا۔

2 اور مُجھے اُن کے آس پاس چَوگِرد پِھرایا اور دیکھ وہ وادی کے مَیدان میں بکثرت اور نِہایت سُوکھی تھِیں۔

3 اور اُس نے مُجھے فرمایا اَے آدم زاد کیا یہ ہڈّ ِیاں زِندہ ہو سکتی ہیں؟

مَیں نے جواب دِیا اَے خُداوند خُداتُو ہی جانتا ہے۔

4 پِھر اُس نے مُجھے فرمایا تُو اِن ہڈِّیوں پر نبُوّت کر اور اِن سے کہہ اَے سُوکھی ہڈّ ِیو خُداوند کا کلام سُنو۔

5 خُداوند خُدا اِن ہڈِّیوں کو یُوں فرماتا ہے کہ مَیں تُمہارے اندر رُوح ڈالُوں گا اور تُم زِندہ ہو جاؤ گی۔

6 اور تُم پر نسیں پَھیلاؤُں گا اور گوشت چڑھاؤُں گا اور تُم کو چمڑا پہناؤُں گا اور تُم میں دَم پُھونکُوں گا اورتُم زِندہ ہو گی اور جانو گی کہ مَیں خُداوند ہُوں۔

7 پس مَیں نے حُکم کے مُطابِق نبُوّت کی اور جب مَیں نبُوّت کر رہا تھا تو ایک شور ہُؤا اور دیکھ زلزلہ آیا اور ہڈِّیاں آپس میں مِل گئِیں ۔ ہر ایک ہڈّی اپنی ہڈّی سے۔

8 اور مَیں نے نِگاہ کی تو کیا دیکھتا ہُوں کہ نسیں اور گوشت اُن پر چڑھ آئے اور اُن پر چمڑے کی پوشِش ہوگئی پر اُن میں دَم نہ تھا۔

9 تب اُس نے مُجھے فرمایا کہ نبُوّت کر ۔ تُو ہوا سے نبُوّت کر اَے آدم زاد اور ہوا سے کہہ خُداوند خُدا یُوں فرماتا ہے کہ اَے دَم تُو چاروں طرف سے آ اور اِن مقتُولوں پر پُھونک کہ زِندہ ہو جائیں۔

10 پس مَیں نے حُکم کے مُطابِق نبُوّت کی اور اُن میں دَم آیا اور وہ زِندہ ہو کر اپنے پاؤں پر کھڑی ہُوئِیں ۔ ایک نِہایت بڑا لشکر۔

11 تب اُس نے مُجھے فرمایا اَے آدم زاد یہ ہڈِّیاں تمام بنی اِسرائیل ہیں ۔ دیکھ یہ کہتے ہیں ہماری ہڈِّیاں سُوکھ گئِیں اور ہماری اُمّید جاتی رہی ۔ ہم تو بِالکُل فنا ہو گئے۔

12 اِس لِئے تُو نبُوّت کر اور اِن سے کہہ خُداوند خُدا یُوں فرماتا ہے کہ اَے میرے لوگو دیکھو مَیں تُمہاری قبروں کو کھولُوں گا اور تُم کو اُن سے باہر نِکالُوں گا اور اِسرائیل کے مُلک میں لاؤُں گا۔

13 اور اَے میرے لوگو جب مَیں تُمہاری قبروں کو کھولُوں گا اور تُم کو اُن سے باہر نِکالُوں گا تب تُم جانو گے کہ خُداوند مَیں ہُوں۔

14 اور مَیں اپنی رُوح تُم میں ڈالُوں گا اور تُم زِندہ ہو جاؤ گے اور مَیں تُم کو تُمہارے مُلک میں بساؤُں گا تب تُم جانو گے کہ مَیں خُداوند نے فرمایا اور پُورا کِیا خُداوند فرماتا ہے۔

یہُودا ہ اور اِسرا ئیل ایک ہی سلطنت بنتے ہیں

15 پِھر خُداوند کا کلام مُجھ پر نازِل ہُؤا۔

16 کہ اَے آدم زاد ایک چھڑی لے اور اُس پر لِکھ یہُودا ہ اور اُس کے رفِیق بنی اِسرائیل کے لِئے ۔ پِھر دُوسری چھڑی لے اور اُس پر یہ لِکھ اِفرا ئِیم کی چھڑی یُوسف اور اُس کے رفِیق تمام بنی اِسرائیل کے لِئے۔

17 اور اُن دونوں کو جوڑ دے کہ ایک ہی چھڑی تیرے لِئے ہوں اور وہ تیرے ہاتھ میں ایک ہوں گی۔

18 اور جب تیری قَوم کے لوگ تُجھ سے پُوچھیں اور کہیں کہ اِن کاموں سے تیرا کیا مطلب ہے؟ کیا تُو ہم کو نہیں بتائے گا؟۔

19 تو تُو اُن سے کہنا کہ خُداوند خُدا یُوں فرماتا ہے کہ دیکھ مَیں یُوسف کی چھڑی کو جو اِفرا ئِیم کے ہاتھ میں ہے اور اُس کے رفِیقوں کو جو اِسرائیل کے قبائِل ہیں لُوں گا اور یہُودا ہ کی چھڑی کے ساتھ جوڑ دُوں گا اور اُن کو ایک ہی چھڑی بنا دُوں گا اور وہ میرے ہاتھ میں ایک ہوں گی۔

20 اور وہ چھڑیاں جِن پر تُو لِکھتا ہے اُن کی آنکھوں کے سامنے تیرے ہاتھ میں ہوں گی۔

21 اور تُو اُن سے کہنا کہ خُداوند خُدا یُوں فرماتا ہے کہ مَیں بنی اِسرائیل کو قَوموں کے درمِیان سے جہاں جہاں وہ گئے ہیں نِکال لاؤُں گا اور ہر طرف سے اُن کو فراہم کرُوں گا اور اُن کو اُن کے مُلک میں لاؤُں گا۔

22 اور مَیں اُن کو اُس مُلک میں اِسرائیل کے پہاڑوں پر ایک ہی قَوم بناؤُں گا اور اُن سب پر ایک ہی بادشاہ ہو گا اور وہ آگے کو نہ دو قَومیں ہوں گے اور نہ دو مملکتوں میں تقسِیم کِئے جائیں گے۔

23 اور وہ پِھر اپنے بُتوں سے اور اپنی نفرت انگیز چِیزوں سے اور اپنی خطاکاری سے اپنے آپ کو ناپاک نہ کریں گے بلکہ مَیں اُن کو اُن کے تمام مسکنوں سے جہاں اُنہوں نے گُناہ کِیا ہے چُھڑاؤُں گا اور اُن کو پاک کرُوں گا اور وہ میرے لوگ ہوں گے اور مَیں اُن کا خُدا ہُوں گا۔

24 اور میرا بندہ داؤُد اُن کا بادشاہ ہو گا اور اُن سب کا ایک ہی چرواہا ہو گا اور وہ میرے احکام پر چلیں گے اور میرے آئِین کو مان کر اُن پر عمل کریں گے۔

25 اور وہ اُس مُلک میں جو مَیں نے اپنے بندہ یعقُو ب کو دِیا جِس میں تُمہارے باپ دادا بستے تھے بسیں گے اور وہ اور اُن کی اَولاد اور اُن کی اَولاد کی اَولاد ہمیشہ تک اُس میں سکُونت کریں گے اور میرا بندہ داؤُد ہمیشہ کے لِئے اُن کا فرمانروا ہو گا۔

26 اور مَیں اُن کے ساتھ سلامتی کا عہد باندُھوں گا جو اُن کے ساتھ ابدی عہد ہو گا اور مَیں اُن کو بساؤُں گا اور فراوانی بخشُوں گا اور اُن کے درمِیان اپنے مَقدِس کو ہمیشہ کے لِئے قائِم کرُوں گا۔

27 میرا خَیمہ بھی اُن کے ساتھ ہو گا ۔ مَیں اُن کا خُدا ہُوں گا اور وہ میرے لوگ ہوں گے۔

28 اور جب میرا مَقدِس ہمیشہ کے لِئے اُن کے درمِیان رہے گا تو قَومیں جانیں گی کہ مَیں خُداوند اِسرائیل کو مُقدّس کرتا ہُوں۔

حِزقی ایل 38

جُوج خُداوند کا آلہئ کار

1 اور خُداوند کا کلام مُجھ پر نازِل ہُؤا۔

2 کہ اَے آدم زاد جُوج کی طرف جو ماجُوج کی سرزمِین کا ہے اور روش اور مسک اور تُوبل کا فرمانروا ہے مُتوجِّہ ہو اور اُس کے خِلاف نبُوّت کر۔

3 اور کہہ خُداوند خُدا یُوں فرماتا ہے کہ دیکھ اَے جُوج روش اور مسک اور تُوبل کے فرمانروا مَیں تیرا مُخالِف ہُوں۔

4 اور مَیں تُجھے پِھرا دُوں گا اور تیرے جبڑوں میں آنکڑے ڈال کر تُجھے اور تیرے تمام لشکر اور گھوڑوں اور سواروں کو جو سب کے سب مُسلّح لشکر ہیں جو پھریاں اور سِپریں لِئے ہیں اور سب کے سب تَیغ زن ہیں کھینچ نِکالُوں گا۔

5 اور اُن کے ساتھ فار س اور کُوش اور فُوط جو سب کے سب سِپر بردار اور خود پوش ہیں۔

6 جُمر اور اُس کا تمام لشکر اور شِمال کی دُور اطراف کے اہلِ تُجرمہ اور اُن کا تمام لشکر یعنی بُہت سے لوگ جو تیرے ساتھ ہیں۔

7 تُو تیّار ہو اور اپنے لِئے تیّاری کر ۔ تُو اور تیری تمام جماعت جو تیرے پاس فراہم ہُوئی ہے اور تُو اُن کا پیشوا ہو۔

8 اور بُہت دِنوں کے بعد تُو یاد کِیا جائے گا اور آخِری برسوں میں اُس سرزمِین پر جو تلوار کے غلبہ سے چُھڑائی گئی ہے اور جِس کے لوگ بُہت سی قَوموں کے درمِیان سے فراہم کِئے گئے ہیں اِسرائیل کے پہاڑوں پر جو قدِیم سے وِیران تھے چڑھ آئے گا ۔ لیکن وہ تمام اقوام سے آزاد ہے اور وہ سب کے سب امن و امان سے سکُونت کریں گے۔

9 تُو چڑھائی کرے گا اور آندھی کی طرح آئے گا ۔ تُو بادل کی مانِند زمِین کو چُھپائے گا ۔ تُواور تیرا تمام لشکراور بُہت سے لوگ تیرے ساتھ۔

10 خُداوند خُدا یُوں فرماتا ہے کہ اُس وقت یُوں ہو گا کہ بُہت سے مضمُون تیرے دِل میں آئیں گے اور تُو ایک بُرا منصُوبہ باندھے گا۔

11 اور تُو کہے گا کہ مَیں دیہات کی سرزمِین پر حملہ کرُوں گا مَیں اُن پر حملہ کرُوں گا جو راحت و آرام سے بستے ہیں ۔ جِن کی نہ فصِیل ہے نہ اڑبنگے اور نہ پھاٹک ہیں۔

12 تاکہ تُو لُوٹے اور مال کو چِھین لے اور اُن وِیرانوں پر جو اب آباد ہیں اور اُن لوگوں پر جو تمام قَوموں میں سے فراہم ہُوئے ہیں جو مویشی اور مال کے مالِک ہیں اور زمِین کی ناف پر بستے ہیں اپنا ہاتھ چلائے۔

13 سبا اور ددا ن اور ترسِیس کے سَوداگر اور اُن کے تمام جوان شیرِ بَبر تُجھ سے پُوچھیں گے کیا تُو غارت کرنے آیا ہے؟ کیا تُو نے اپنا غول اِس لِئے جمع کِیا ہے کہ مال چِھین لے اور چاندی سونا لُوٹے اور مویشی اور مال لے جائے اور بڑی غنِیمت حاصِل کرے؟۔

14 اِس لِئے اَے آدم زاد نبُوّت کر اور جُوج سے کہہ خُداوند خُدا یُوں فرماتا ہے کہ جب میری اُمّت اِسرائیل امن سے بسے گی کیا تُجھے خبر نہ ہو گی؟۔

15 اور تُو اپنی جگہ سے شِمال کی دُور اطراف سے آئے گا تُو اور بُہت سے لوگ تیرے ساتھ جو سب کے سب گھوڑوں پر سوار ہوں گے ۔ ایک بڑی فَوج اور بھاری لشکر۔

16 تُو میری اُمّت اِسرائیل کے مُقابلہ کو نِکلے گا اور زمِین کو بادل کی طرح چُھپا لے گا ۔ یہ آخِری دِنوں میں ہو گا اور مَیں تُجھے اپنی سرزمِین پر چڑھا لاؤُں گا تاکہ قَومیں مُجھے جانیں جِس وقت مَیں اَے جُوج اُن کی آنکھوں کے سامنے تُجھ سے اپنی تقدِیس کراؤُں۔

17 خُداوند خُدا یُوں فرماتا ہے کہ کیا تُو وُہی نہیں جِس کی بابت مَیں نے قدِیم زمانہ میں اپنے خِدمت گُذار اِسرائیلی نبِیوں کی معرفت جِنہوں نے اُن ایّام میں سالہا سال تک نبُوّت کی فرمایا تھا کہ مَیں تُجھے اُن پر چڑھا لاؤُں گا؟۔

جُوج کے لِئے خُداوند کی سزا

18 اور یُوں ہو گا کہ اُن ایّام میں جب جُوج اِسرائیل کی مملکت پر چڑھائی کرے گا تو میرا قہر میرے چِہرہ سے نُمایاں ہو گا خُداوند خُدا فرماتا ہے۔

19 کیونکہ مَیں نے اپنی غَیرت اور آتشِ قہر میں فرمایا کہ یقِیناً اُس روز اِسرائیل کی سرزمِین میں سخت زلزلہ آئے گا۔

20 یہاں تک کہ سمُندر کی مچھلِیاں اور آسمان کے پرِندے اور مَیدان کے چرِندے اور سب کِیڑے مکَوڑے جو زمِین پر رینگتے پِھرتے ہیں اور تمام اِنسان جو رُویِ زمِین پر ہیں میرے حضُور تھرتھرائیں گے اور پہاڑ گِر پڑیں گے اور کراڑے بَیٹھ جائیں گے اور ہر ایک دِیوار زمِین پر گِرپڑے گی۔

21 اور مَیں اپنے سب پہاڑوں سے اُس پر تلوار طلب کرُوں گاخُداوند خُدا فرماتا ہے اور ہر ایک اِنسان کی تلوار اُس کے بھائی پر چلے گی۔

22 اور مَیں وبا بھیج کر اور خُون ریزی کر کے اُسے سزا دُوں گا اور اُس پر اور اُس کے لشکروں پر اور اُن بُہت سے لوگوں پر جو اُس کے ساتھ ہیں شِدّت کا مہینہ اور بڑے بڑے اولے اور آگ اور گندھک برساؤُں گا۔

23 اور اپنی بزُرگی اور اپنی تقدِیس کراؤُں گا اور بُہت سی قَوموں کی نظروں میں مشہُور ہُوں گا اور وہ جانیں گے کہ خُداوند مَیں ہُوں۔۔

حِزقی ایل 39

جُوج کی شِکست

1 پس اَے آدم زاد تُو جُوج کے خِلاف نبُوّت کر اور کہہ خُداوند خُدا یُوں فرماتا ہے دیکھ اَے جُوج روش اور مسک اور تُوبل کے فرمانروا مَیں تیرا مُخالِف ہُوں۔

2 اور مَیں تُجھے پِھرا دُوں گا اور تُجھے لِئے پِھرُوں گا اور شِمال کی دُور اطراف سے چڑھا لاؤُں گا اور تُجھے اِسرائیل کے پہاڑوں پر پُہنچاؤُں گا۔

3 اور تیری کمان تیرے بائیں ہاتھ سے چُھڑا دُوں گا اور تیرے تِیر تیرے دہنے ہاتھ سے گِرا دُوں گا۔

4 تُو اِسرائیل کے پہاڑوں پر اپنے سب لشکر اور حمایتِیوں سمیت گِر جائے گا اور مَیں تُجھے ہر قِسم کے شِکاری پرِندوں اور مَیدان کے درِندوں کو دُوں گا کہ کھا جائیں۔

5 تُو کُھلے مَیدان میں گِرے گا کیونکہ مَیں ہی نے کہا خُداوند خُدا فرماتا ہے۔

6 اور مَیں ماجُوج پر اور اُن پر جو بحری مُمالِک میں امن سے سکُونت کرتے ہیں آگ بھیجُوں گا اور وہ جانیں گے کہ مَیں خُداوند ہُوں۔

7 اور مَیں اپنے مُقدّس نام کو اپنی اُمّت اِسرائیل میں ظاہِر کرُوں گا اور پِھر اپنے مُقدّس نام کی بے حُرمتی نہ ہونے دُوں گا اور قَومیں جانیں گی کہ مَیں خُداوند اِسرائیل کا قُدُّوس ہُوں۔

8 دیکھ وہ پُہنچا اور وقُوع میں آیا خُداوند خُدا فرماتا ہے۔ یہ وُہی دِن ہے جِس کی بابت مَیں نے فرمایا تھا۔

9 تب اِسرائیل کے شہروں کے بسنے والے نِکلیں گے اور آگ لگا کر ہتھیاروں کو جلائیں گے یعنے سِپروں اور پھریوں کو ۔ کمانوں اور تِیروں کو اور بھالوں اور برچِھیوں کو اور وہ سات برس تک اُن کو جلاتے رہیں گے۔

10 یہاں تک کہ وہ نہ مَیدان سے لکڑی لائیں گے اور نہ جنگلوں سے کاٹیں گے کیونکہ وہ ہتھیار ہی جلائیں گے اور وہ اپنے لُوٹنے والوں کو لُوٹیں گے اور اپنے غارت کرنے والوں کو غارت کریں گے خُداوند خُدا فرماتا ہے۔

جُوج کی تدفِین

11 اور اُسی دِن یُوں ہو گا کہ مَیں وہاں اِسرائیل میں جُوج کو ایک گورِستان دُوں گا یعنی رہگُذروں کی وادی جو سمُندر کے مشرِق میں ہے ۔ اُس سے رہگُذروں کی راہ بند ہو گی اور وہاں جُوج کو اور اُس کی تمام جمعِیّت کو دفن کریں گے اور جمعِیّتِ جُوج کی وادی اُس کا نام رکھّیں گے۔

12 اور سات مہِینوں تک بنی اِسرائیل اُن کو دفن کرتے رہیں گے تاکہ مُلک کو صاف کریں۔

13 ہاں اُس مُلک کے سب لوگ اُن کو دفن کریں گے اور یہ اُن کے لِئے ناموَری کا سبب ہو گا جِس روز میری تمجِید ہو گی خُداوند خُدا فرماتا ہے۔

14 اور وہ چند آدمِیوں کو چُن لیں گے جو اِس کام میں ہمیشہ مشغُول رہیں گے اور وہ زمِین پر گُذرتے ہُوئے رہگُذروں کی مدد سے اُن کو جو سطحِ زمِین پر پڑے رہ گئے ہوں دفن کریں گے تاکہ اُسے صاف کریں ۔ پُورے سات مہِینوں کے بعد تلاش کریں گے۔

15 اور جب وہ مُلک میں سے گُذریں اور اُن میں سے کوئی کِسی آدمی کی ہڈّی دیکھے تو اُس کے پاس ایک نِشان کھڑا کرے گا جب تک دفن کرنے والے جمعِیّتِ جُوج کی وادی میں اُسے دفن نہ کریں۔

16 اور شہر بھی جمعِیّت کہلائے گا۔ یُوں وہ زمِین کو پاک کریں گے۔

17 اور اَے آدم زاد خُداوند خُدا فرماتا ہے ہر قِسم کے پرِندے اور مَیدان کے ہر ایک جانور سے کہہ جمع ہو کرآؤ میرے اُس ذبِیحہ پر جِسے مَیں تُمہارے لِئے ذبح کرتا ہُوں ہاں اِسرائیل کے پہاڑوں پر ایک بڑے ذبِیحہ پر ہرطرف سے جمع ہو تاکہ تُم گوشت کھاؤ اور خُون پِیو۔

18 تُم بہادُروں کا گوشت کھاؤ گے اور زمِین کے اُمراکا خُون پِیو گے ۔ ہاں مینڈھوں ۔ برّوں ۔ بکروں اور بَیلوں کا ۔ وہ سب کے سب بسن کے فربِہ ہیں۔

19 اور تُم میرے ذبِیحہ کی جِسے مَیں نے تُمہارے لِئے ذبح کِیا یہاں تک چربی کھاؤ گے کہ سیر ہو جاؤ گے اوراِتنا خُون پِیو گے کہ مَست ہو جاؤ گے۔

20 اور تُم میرے دسترخوان پر گھوڑوں اور سواروں سے اور بہادُروں اور تمام جنگی مَردوں سے سیر ہو گے خُداوند خُدا فرماتا ہے۔

اِسرا ئیل کی بحالی

21 اور مَیں قَوموں کے درمِیان اپنی بزُرگی ظاہِر کرُوں گااور تمام قَومیں میری سزا کو جو مَیں نے دی اور میرے ہاتھ کو جو مَیں نے اُن پر رکھّا دیکھیں گی۔

22 اور بنی اِسرائیل جانیں گے کہ اُس دِن سے لے کر آگے کو مَیں ہی خُداوند اُن کا خُدا ہُوں۔

23 اور قَومیں جانیں گی کہ بنی اِسرائیل اپنی بدکرداری کے سبب سے اسِیری میں گئے ۔ چُونکہ وہ مُجھ سے باغی ہُوئے اِس لِئے مَیں نے اُن سے مُنہ چُھپایا اور اُن کو اُن کے دُشمنوں کے ہاتھ میں کر دِیا اور وہ سب کے سب تلوار سے قتل ہُوئے۔

24 اُن کی ناپاکی اور خطاکاری کے مُطابِق مَیں نے اُن سے سلُوک کِیا اور اُن سے اپنا مُنہ چُھپایا۔

25 لیکن خُداوند خُدا یُوں فرماتا ہے کہ اب مَیں یعقُو ب کی اسِیری کو مَوقُوف کرُوں گا اور تمام بنی اِسرائیل پر رحم کرُوں گا اور اپنے مُقدّس نام کے لِئے غیُور ہُوں گا۔

26 اور وہ اپنی رُسوائی اور تمام خطاکاری جِس سے وہ میرے گُنہگار ہُوئے برداشت کریں گے ۔ جب وہ اپنی سرزمِین میں امن سے بُود و باش کریں گے تو کوئی اُن کو نہ ڈرائے گا۔

27 جب مَیں اُن کو اُمّتوں میں سے واپس لاؤُں گا اور اُن کے دُشمنوں کے مُلکوں سے فراہم کرُوں گا اور بُہت سی قَوموں کی نظروں میں اُن کے درمِیان میری تقدِیس ہو گی۔

28 تب وہ جانیں گے کہ مَیں خُداوند اُن کا خُدا ہُوں اِس لِئے کہ مَیں نے اُن کو اقوام کے درمِیان اسِیری میں بھیجااور مَیں ہی نے اُن کو اُن کے مُلک میں جمع کِیا اور اُن میں سے ایک کو بھی وہاں نہ چھوڑا۔

29 اور مَیں پِھر کبھی اُن سے مُنہ نہ چُھپاؤُں گا کیونکہ مَیں نے اپنی رُوح بنی اِسرائیل پر نازِل کی ہے خُداوند خُدا فرماتا ہے۔

حِزقی ایل 40

مُستقبل کی ہَیکل کی رویا

1 ہماری اسِیری کے پچِّیسویں برس کے شرُوع میں اور مہِینے کی دسوِیں تارِیخ کو جو شہر کی تسخِیر کا چَودھواں سال تھا اُسی دِن خُداوند کا ہاتھ مُجھ پر تھا اور وہ مُجھے وہاں لے گیا۔

2 وہ مُجھے خُدا کی رویتوں میں اِسرائیل کے مُلک میں لے گیا اور اُس نے مُجھے ایک نِہایت بُلند پہاڑ پر اُتارا اور اُسی پر جنُوب کی طرف گویا ایک شہر کا سا نقشہ تھا۔

3 اور وہ مُجھے وہاں لے گیا تو کیا دیکھتا ہُوں کہ ایک شخص ہے جِس کی جھلک پِیتل کی سی ہے اور وہ سَن کی ڈور ی اور پَیمایش کا سرکنڈا ہاتھ مَیں لِئے پھاٹک پر کھڑا ہے۔

4 اور اُس شخص نے مُجھے کہا اَے آدم زاد اپنی آنکھوں سے دیکھ اور کانوں سے سُن اور جو کُچھ مَیں تُجھے دِکھاؤُں اُس سب پر خُوب غَور کر کیونکہ تُو اِسی لِئے یہاں پُہنچایا گیا ہے کہ مَیں یہ سب کُچھ تُجھے دِکھاؤُں ۔ پس جو کُچھ تُو دیکھتا ہے بنی اِسرائیل سے بیان کر۔

مشرِقی پھاٹک

5 اور کیا دیکھتا ہُوں کہ مسکن کے گِردا گِرد دِیوار ہے اور اُس شخص کے ہاتھ میں پَیمایش کا سرکنڈا ہے۔ چھ ہاتھ لمبا اور ہر ایک ہاتھ پُورے ہاتھ سے چار اُنگل بڑاتھا ۔ سو اُس نے اُس دِیوار کی چَوڑائی ناپی ۔ وہ ایک سرکنڈا ہُوئی اور اُونچائی ایک سرکنڈا۔

6 تب وہ مشرِق رُویہ پھاٹک پر آیا اور اُس کی سِیڑھی پر چڑھا اور اُس پھاٹک کے آستانہ کو ناپا جو ایک سرکنڈا چَوڑا تھا اور دُوسرے آستانہ کا عرض بھی ایک سرکنڈا تھا۔

7 اور ہر ایک کوٹھری ایک سرکنڈا لمبی اور ایک سرکنڈا چَوڑی تھی اور کوٹھرِیوں کے درمِیان پانچ پانچ ہاتھ کا فاصِلہ تھا اور پھاٹک کی ڈیوڑھی کے پاس اندر کی طرف پھاٹک کا آستانہ ایک سرکنڈا تھا۔

8 اور اُس نے پھاٹک کی ڈیوڑھی اندر سے ایک سرکنڈا ناپی۔

9 تب اُس نے پھاٹک کی ڈیوڑھی آٹھ ہاتھ ناپی اور اُس کے سُتُون دو ہاتھ اور پھاٹک کی ڈیوڑھی اندر کی طرف تھی۔

10 اور مشرِق رُویہ پھاٹک کی کوٹھرِیاں تِین اِدھر اور تِین اُدھر تھِیں ۔ یہ تِینوں پَیمایش میں برابر تھِیں اور اِدھر اُدھر کے سُتُونوں کا ایک ہی ناپ تھا۔

11 اور اُس نے پھاٹک کے دروازہ کی چَوڑائی دس ہاتھ اور لمبائی تیرہ ہاتھ ناپی۔

12 اور کوٹھریوں کے آگے کا حاشِیہ ہاتھ بھر اِدھر اور ہاتھ بھر اُدھر تھا اور کوٹھریاں چھ ہاتھ اِدھر اور چھ ہاتھ اُدھر تھِیں۔

13 تب اُس نے پھاٹک کو ایک کوٹھری کی چھت سے دُوسری کی چھت تک پچّیِس ہاتھ چَوڑا ناپا ۔ دروازہ کے مُقابِل دروازہ۔

14 اور اُس نے سُتُون ساٹھ ہاتھ ناپے اور صحن کے سُتُون دروازہ کے گِردا گِرد تھے۔

15 اور مدخل کے پھاٹک کے سامنے سے لے کر اندرُونی پھاٹک کی ڈیوڑھی تک پچاس ہاتھ کا فاصِلہ تھا۔

16 اور کوٹھریوں میں اور اُن کے سُتُونوں میں پھاٹک کے اندر گِرداگِرد جھروکے تھے وَیسے ہی ڈیوڑھی کے اندر بھی گِردا گِرد جھروکے تھے اور سُتُونوں پر کھجُور کی صُورتیں تھِیں۔

بیرُونی صحن

17 پِھر وہ مُجھے باہر کے صحن میں لے گیا اور کیا دیکھتا ہُوں کہ حُجرے ہیں اور چاروں طرف صحن میں فرش لگا تھا اور اُس فرش پر تِیس حُجرے تھے۔

18 اور وہ فرش یعنی نِیچے کا فرش پھاٹکوں کے ساتھ ساتھ برابر لگا تھا۔

19 تب اُس نے اُس کی چَوڑائی نِیچے کے پھاٹک کے سامنے سے اندر کے صحن کے آگے مشرِق اور شِمال کے طرف باہر باہر سَو ہاتھ ناپی۔

شِمالی پھاٹک

20 پِھر اُس نے باہر کے صحن کے شِمال رُویہ پھاٹک کی لمبائی اور چَوڑائی ناپی۔

21 اور اُس کی کوٹھریاں تِین اِس طرف اور تِین اُس طرف تھِیں اور اُس کے سُتُون اور محِراب پہلے پھاٹک کے ناپ کے مُطابِق تھے ۔ اُس کی لمبائی پچاس ہاتھ اور چَوڑائی پچِّیس ہاتھ تھی۔

22 اور اُس کے درِیچے اور ڈیوڑھی اور کھجُور کے درخت مشرِق رُویہ پھاٹک کے ناپ کے مُطابِق تھے اور اُوپر جانے کے لِئے سات زِینے تھے ۔ اُس کی ڈیوڑھی اُن کے آگے تھی۔

23 اور اندر کے صحن کا پھاٹک شِمال رُویہ اور مشرِق رُویہ پھاٹکوں کے سامنے تھا اور اُس نے پھاٹک سے پھاٹک تک سَو ہاتھ ناپا۔

جنُوبی پھاٹک

24 اور وہ مُجھے جنُوب کی راہ سے لے گیا اور کیا دیکھتا ہُوں کہ جنُوب کی طرف ایک پھاٹک ہے اور اُس نے اُس کے سُتُونوں کو اور اُس کی ڈیوڑھی کو اِن ہی ناپوں کے مُطابِق ناپا۔

25 اور اُس میں اور اُس کی ڈیوڑھی میں اِردگِرد اُن درِیچوں کی مانِند درِیچے تھے ۔ لمبائی پچاس ہاتھ اور چَوڑائی پچّیِس ہاتھ۔

26 اور اُس کے اُوپر جانے کے لِئے سات زِینے تھے اور اُس کی ڈیوڑھی اُن کے آگے تھی اور اُس کے سُتُونوں پر کھجُور کی صُورتیں تھِیں ۔ ایک اِس طرف اور ایک اُس طرف۔

27 اور جنُوب کی طرف اندرُونی صحن کا پھاٹک تھا اور اُس نے جنُوب کی طرف پھاٹک سے پھاٹک تک سَو ہاتھ ناپا۔

اندرُونی صحن : جنُوبی پھاٹک

28 اور وہ جنُوبی پھاٹک کی راہ سے مُجھے اندرُونی صحن میں لایا اور اِن ہی ناپوں کے مُطابِق اُس نے جنُوبی پھاٹک کو ناپا۔

29 اور اُس کی کوٹھرِیوں اور اُس کے سُتُونوں اور اُس کی ڈیوڑھی کو اِن ہی ناپوں کے مُطابِق پایا اور اُس میں اور اُس کی ڈیوڑھی میں اِردگِرد درِیچے تھے ۔ لمبائی پچاس ہاتھ اور چَوڑائی پچِّیس ہاتھ تھی۔

30 اور ڈیوڑھی اِردگِرد پچِیّس ہاتھ لمبی اور پانچ ہاتھ چَوڑی تھی۔

31 اُس کی ڈیوڑھی بیرُونی صحن کی طرف تھی اور اُس کے سُتُونوں پر کھجُور کی صُورتیں تھِیں اور اُوپر جانے کے لِئے آٹھ زِینے تھے۔

اندرُونی صحن : مشرِقی پھاٹک

32 اور وہ مُجھے مشرِق کی طرف اندرُونی صحن میں لایا اور اِن ہی ناپوں کے مُطابِق پھاٹک کو پایا۔

33 اور اُس کی کوٹھرِیوں اور سُتُونوں اور ڈیوڑھی کو اِن ہی ناپوں کے مُطابِق پایا اور اُس میں اور اُس کی ڈیوڑھی میں اِردگِرد درِیچے تھے ۔ لمبائی پچاس ہاتھ اور چَوڑائی پچّیِس ہاتھ تھی۔

34 اور اُس کی ڈیوڑھی بیرُونی صحن کی طرف تھی اور اُس کے سُتُونوں پر اِدھر اُدھر کھجُور کی صُورتیں تھِیں اور اُوپر جانے کے لِئے آٹھ زِینے تھے۔

اندرُونی صحن: شِمالی پھاٹک

35 اور وہ مُجھے شِمالی پھاٹک کی طرف لے گیا اور اِن ہی ناپوں کے مُطابِق اُسے پایا۔

36 اُس کی کوٹھریوں اور اُس کے سُتُونوں اور اُس کی ڈیوڑھی کو جِن میں اِردگِرد درِیچے تھے ۔ لمبائی پچاس ہاتھ اور چَوڑائی پچِّیس ہاتھ تھی۔

37 اور اُس کے سُتُون بیرُونی صحن کی طرف تھے اور اُس کے سُتُونوں پر اِدھر اُدھر کھجُور کی صُورتیں تھِیں اور اُوپر جانے کے لِئے آٹھ زِینے تھے۔

شِمالی پھاٹک کی قرِیبی عمارت

38 اور پھاٹکوں کے سُتُونوں کے پاس دروازہ دار حُجرہ تھاجہاں سوختنی قُربانِیاں دھوتے تھے۔

39 اور پھاٹک کی ڈیوڑھی میں دو میزیں اِس طرف اور دو اُس طرف تھِیں کہ اُن پر سوختنی قُربانی اور خطا کی قُربانی اور جُرم کی قُربانی ذبح کریں۔

40 اور باہر کی طرف شِمالی پھاٹک کے مدخل کے پاس دو میزیں تھِیں اور پھاٹک کی ڈیوڑھی کی دُوسری طرف دو میزیں۔

41 پھاٹک کے پاس چار میزیں اِس طرف اور چار اُس طرف تھِیں یعنی آٹھ میزیں جِن پر ذبح کریں۔

42 سوختنی قُربانی کے لِئے تراشے ہُوئے پتّھروں کی چارمیزیں تھِیں جو ڈیڑھ ہاتھ لمبی اور ڈیڑھ ہاتھ چَوڑی اورایک ہاتھ اُونچی تھِیں جِن پر وہ سوختنی قُربانی اورذبِیحہ کو ذبح کرنے کے ہتھیار رکھتے تھے۔

43 اور اُس کے اندر چاروں طرف چار اُنگل لمبی انکڑیاں لگی تھِیں اور قُربانی کا گوشت میزوں پر تھا۔

44 اور اندرُونی پھاٹک سے باہر اندرُونی صحن میں جو شِمالی پھاٹک کی جانِب تھا گانے والوں کے حُجرے تھے اور اُن کارُخ جنُوب کی طرف تھا اور ایک مشرِقی پھاٹک کی جانِب تھا جِس کا رُخ شِمال کی طرف تھا۔

45 اور اُس نے مُجھ سے کہا کہ یہ حُجرہ جِس کا رُخ جنُوب کی طرف ہے اُن کاہِنوں کے لِئے ہے جو مسکن کی نِگہبانی کرتے ہیں۔

46 اور وہ حُجرہ جِس کا رُخ شِمال کی طرف ہے اُن کاہِنوں کے لِئے ہے جو مذبح کی مُحافظت میں حاضِر ہیں یہ بنی صدُوق ہیں جو بنی لاوی میں سے خُداوند کے حضُور آتے ہیں کہ اُس کی خِدمت کریں۔ اندرُونی صحن اور ہَیکل کی عمارت

47 اور اُس نے صحن کو سَو ہاتھ لمبا اور سَو ہاتھ چَوڑا مُربّع ناپا اور مذبح مسکن کے سامنے تھا۔

48 پِھروہ مُجھے مسکن کی ڈیوڑھی میں لایا اور ڈیوڑھی کو ناپا ۔ پانچ ہاتھ اِدھر اور پانچ ہاتھ اُدھر اور پھاٹک کی چَوڑائی تِین ہاتھ اِس طرف تھی اور تِین ہاتھ اُس طرف۔

49 ڈیوڑھی کی لمبائی بِیس ہاتھ اور چَوڑائی گیارہ ہاتھ تھی اور سِیڑھی کے زِینے جِن سے اُس پر چڑھتے تھے اور سُتُونوں کے پاس پِیلپائے تھے ایک اِس طرف اور ایک اُس طرف ۔۔

حِزقی ایل 41

1 اور وہ مُجھے ہَیکل میں لایا اور سُتُونوں کو ناپا ۔ چھ ہاتھ کی چَوڑائی ایک طرف اور چھ ہاتھ کی دُوسری طرف یِہی خَیمہ کی چَوڑائی تھی۔

2 اور دروازہ کی چَوڑائی دس ہاتھ اور اُس کا ایک پہلُو پانچ ہاتھ کا اور دُوسرا بھی پانچ ہاتھ کا تھا اور اُس نے اُس کی لمبائی چالِیس ہاتھ اور چَوڑائی بِیس ہاتھ ناپی۔

3 تب وہ اندر گیا اور دروازہ کے ہر سُتُون کو دو ہاتھ ناپا اور دروازہ کو چھ ہاتھ اور دروازہ کی چَوڑائی سات ہاتھ تھی۔

4 اور اُس نے ہَیکل کے سامنے کی لمبائی کو بِیس ہاتھ اور چَوڑائی کو بِیس ہاتھ ناپا اور مُجھ سے کہا کہ یِہی پاکترِین مقام ہے۔

ہَیکل کی دِیواروں کے ساتھ تعمِیر شُدہ حُجرے

5 اور اُس نے مسکن کی دِیوار چھ ہاتھ ناپی اور پہلُو کے ہر ایک حُجرہ کی چَوڑائی مسکن کے گِردا گِرد چار ہاتھ تھی۔

6 اور پہلُو کے حُجرے سِہ منزلہ تھے ۔ حُجرہ کے اُوپر حُجرہ قِطار میں تِیس اور وہ اُس دِیوار میں جو مسکن کے گِردا گِرد کے حُجروں کے لِئے تھی داخِل کِئے گئے تھے تاکہ مضبُوط ہوں لیکن وہ مسکن کی دِیوار سے مِلے ہُوئے نہ تھے۔

7 اور وہ پہلُو پر کے حُجرے اُوپر تک چاروں طرف زِیادہ وسِیع ہوتے جاتے تھے ۔ کیونکہ مسکن گِرداگِرد سے اُونچا ہوتا چلا جاتا تھا ۔ مسکن کی چَوڑائی اُوپر تک برابر تھی اور اُوپر کے حُجروں کا راستہ درمِیانی حُجروں کے بِیچ سے تھا۔

8 اور مَیں نے مسکن کی چاروں طرف اُونچا چبُوترہ دیکھا۔ پہلُو کے حُجروں کی بُنیاد چھ بڑے ہاتھ کے پُورے سرکنڈے کی تھی۔

9 اور پہلُوکے حُجروں کی بیرُونی دِیوار کی چَوڑائی پانچ ہاتھ تھی اور جو جگہ باقی بچی وہ مسکن کے پہلُو کے حُجروں کے درمِیان تھی۔

10 اور حُجروں کے درمِیان مسکن کی چاروں طرف گِرداگِرد بِیس ہاتھ کا فاصِلہ تھا۔

11 اور پہلُو کے حُجروں کے دروازے اُس خالی جگہ کی طرف تھے ۔ ایک دروازہ شِمال کی طرف اور ایک جنُوب کی طرف اور خالی جگہ کی چَوڑائی چاروں طرف پانچ ہاتھ تھی۔

مغرِب کی طرف عمارت

12 اور وہ عِمارت جو الگ جگہ کے سامنے مغرِب کی طرف تھی اُس کی چَوڑائی ستّر ہاتھ تھی اور اُس عِمارت کی دِیوار چاروں طرف پانچ ہاتھ موٹی اور نوّے ہاتھ لمبی تھی۔

ہَیکل کی عمارت کی ساری پَیمایش

13 سو اُس نے مسکن کو سَو ہاتھ لمبا ناپا اور الگ جگہ اور عِمارت اُس کی دِیواروں سمیت سَو ہاتھ لمبی تھی۔

14 نِیز مسکن کے سامنے کی اور اُس مشرِقی جانِب کی الگ جگہ کی چَوڑائی سَو ہاتھ تھی۔

15 اور الگ جگہ کے سامنے کی عِمارت کی لمبائی کو جو اُس کے پِیچھے تھی اور اُس کی جانِب کے برآمدے اِس طرف سے اور اُس طرف سے

ہَیکل کی عمارت کی تفاصِیل

اور اندر کی طرف ہَیکل کو اور صحن کی ڈیوڑِھیوں کو اُس نے سَو ہاتھ ناپا۔

16 آستانوں اور جھروکوں اور گِرداگِرد کے برآمدوں کو جو سِہ منزلہ اور آستانوں کے مُقابِل تھے اورچاروں طرف سے لکڑی سے مڑھے ہُوئے تھے اور زمِین سے کِھڑکیوں تک اور کِھڑکیاں بھی مڑھی ہُوئی تھِیں۔

17 دروازہ کے اُوپر تک اور اندرُونی گھر تک اور اُس کے باہر بھی چاروں طرف کی تمام دِیوار تک گھر کے اندر باہر سب ٹِھیک اندازہ سے تھے۔

18 اور کرُّوبی اور کھجُور بنے تھے اور ایک کھجُور دو کرُّوبیوں کے بِیچ میں تھا اور ہر ایک کرُّوبی کے دوچِہرے تھے۔

19 چُنانچہ ایک طرف اِنسان کا چِہرہ کھجُور کی طرف تھا اور دُوسری طرف جوان شیرِ بَبر کا چِہرہ بھی کھجُور کی طرف تھا ۔ گھر کی چاروں طرف اِسی طرح کا کام تھا۔

20 زمِین سے دروازہ کے اُوپر تک اور ہَیکل کی دِیوار پر کرُّوبی اور کھجُور بنے تھے۔

21 اور ہَیکل کے دروازہ کے سُتُون چہار گوشہ تھے

لکڑی کا مذبح

اور مَقدِس کے سامنے کی صُورت بھی اِسی طرح کی تھی۔

22 مذبح لکڑی کا تھا ۔ اُس کی اُونچائی تِین ہاتھ اور لمبائی دو ہاتھ تھی اور اُس کے کونے اور اُس کی کُرسی اور اُس کی دِیواریں لکڑی کی تھِیں اور اُس نے مُجھ سے کہا یہ خُداوند کے حضُور کی میز ہے۔

دروازے

23 اور ہَیکل اور مَقدِس کے دو دو دروازے تھے۔

24 اور دروازوں کے دو دو پلّے تھے جو مُڑ سکتے تھے ۔ دو پلّے ایک دروازہ کے لِئے اور دو دُوسرے کے لِئے۔

25 اور اُن پر یعنی ہَیکل کے دروازوں پر کرُّوبی اور کھجُور بنے تھے جَیسے کہ دِیواروں پر بنے تھے اور باہر کی ڈیوڑھی کے رُخ پر تختہ بندی تھی۔

26 اور ڈیوڑھی کی اندرُونی اور بیرُونی جانِب پہلُو میں جھروکے اور کھجُور کے درخت بنے تھے اور ہَیکل کے پہلُو کے حُجروں اور تختہ بندی کی یِہی صُورت تھی۔