حِزقی ایل 2

خُدا حِزقی ایل کو نبی ہونے کے لِئے بُلاتاہے

اور دیکھتے ہی مَیں اَوندھے مُنہ گِرا اور مَیں نے ایک ۲ آواز سُنی جَیسے کوئی باتیں کرتا ہے۔

1 اور اُس نے مُجھے کہا اَے آدم زاد اپنے پاؤں پر کھڑا ہو کہ مَیں تُجھ سے باتیں کرُوں۔

2 جب اُس نے مُجھے یُوں کہا تو رُوح مُجھ میں داخِل ہُوئی اور مُجھے پاؤں پر کھڑا کِیا ۔ تب مَیں نے اُس کی سُنی جو مُجھ سے باتیں کرتا تھا۔

3 چُنانچہ اُس نے مُجھ سے کہا اَے آدمزاد مَیں تُجھے بنی اِسرائیل کے پاس یعنی اُس باغی قَوم کے پاس جِس نے مُجھ سے بغاوت کی ہے بھیجتا ہُوں وہ اور اُن کے باپ دادا آج کے دِن تک میرے گُنہگار ہوتے آئے ہیں۔

4 کیونکہ جِن کے پاس مَیں تُجھ کو بھیجتا ہُوں وہ سخت دِل اور بے حیا فرزند ہیں ۔ تُو اُن سے کہنا کہ خُداوند خُدا یُوں فرماتا ہے۔

5 پس خواہ وہ سُنیں یا نہ سُنیں (کیونکہ وہ تو سرکش خاندان ہیں) تَو بھی اِتنا تو ہو گا کہ وہ جانیں گے کہ اُن میں ایک نبی برپا ہُؤا۔

6 اور تُو اَے آدم زاد اُن سے ہِراسان نہ ہو اور اُن کی باتوں سے نہ ڈر ۔ ہر چند تُو اُونٹ کٹاروں اور کانٹوں سے گھِرا ہے اور بِچھُّوؤں کے درمِیان رہتا ہے ۔ اُن کی باتوں سے ترسان نہ ہو اور اُن کے چِہروں سے نہ گھبرا اگرچہ وہ باغی خاندان ہیں۔

7 پس تُو میری باتیں اُن سے کہنا خواہ وہ سُنیں خواہ نہ سُنیں کیونکہ وہ نِہایت باغی ہیں۔

8 لیکن اَے آدم زاد تُو میرا کلام سُن ۔ تو اُس سرکش خاندان کی مانِند سرکشی نہ کر ۔ اپنا مُنہ کھول اور جو کُچھ مَیں تُجھے دیتا ہُوں کھا لے۔

9 اور مَیں نے نِگاہ کی تو کیا دیکھتا ہُوں کہ ایک ہاتھ میری طرف بڑھایا ہُؤا ہے اور اُس میں کِتاب کا طُومار ہے۔

10 اور اُس نے اُسے کھول کر میرے سامنے رکھ دِیا ۔ اُس میں اندر باہر لِکھا ہُؤا تھا اور اُس میں نَوحہ اورماتم اور آہ و نالہ مرقُوم تھا۔

حِزقی ایل 3

1 پِھر اُس نے مُجھے کہا اَے آدم زاد جو کُچھ تُو نے پایا سو کھا ۔ اِس طُومار کو نِگل جا اور جا کر اِسرائیل کے خاندان سے کلام کر۔

2 تب مَیں نے مُنہ کھولا اور اُس نے وہ طُومار مُجھے کھِلایا۔

3 پِھر اُس نے مُجھے کہا اَے آدمزاد اِس طُومار کو جو مَیں تُجھے دیتا ہُوں کھا جا اور اُس سے اپنا پیٹ بھر لے ۔ تب مَیں نے کھایا اور وہ میرے مُنہ میں شہد کی مانِند مِیٹھا تھا۔

4 پِھر اُس نے مُجھے فرمایا اَے آدم زاد تُو بنی اِسرائیل کے پاس جا اور میری یہ باتیں اُن سے کہہ۔

5 کیونکہ تُو ایسے لوگوں کی طرف نہیں بھیجا جاتا جِن کی زُبان بے گانہ اور جِن کی بولی سخت ہے بلکہ اِسرائیل کے خاندان کے طرف۔

6 نہ بُہت سی اُمّتوں کی طرف جِن کی زُبان بے گانہ اور جِن کی بولی سخت ہے ۔ جِن کی بات تُو سمجھ نہیں سکتا ۔ یقِیناً اگر مَیں تُجھے اُن کے پاس بھیجتا تو وہ تیری سُنتِیں۔

7 لیکن بنی اِسرائیل تیری بات نہ سُنیں گے کیونکہ وہ میری سُننا نہیں چاہتے کیونکہ سب بنی اِسرائیل سخت پیشانی اور سنگ دِل ہیں۔

8 دیکھ مَیں نے اُن کے چِہروں کے مُقابِل تیرا چِہرہ درُشت کِیا ہے اور تیری پیشانی اُن کی پیشانِیوں کے مُقابِل سخت کر دی ہے۔

9 مَیں نے تیری پیشانی کو ہِیرے کی مانِند چقماق سے بھی زِیادہ سخت کر دِیا ہے ۔ اُن سے نہ ڈر اور اُن کے چِہروں سے ہِراسان نہ ہو اگرچہ وہ باغی خاندان ہیں۔

10 پِھر اُس نے مُجھ سے کہا اَے آدم زاد میری سب باتوں کو جو مَیں تُجھ سے کہُوں گا اپنے دِل سے قبُول کر اور اپنے کانوں سے سُن۔

11 اب اُٹھ اسِیروں یعنی اپنی قَوم کے لوگوں کے پاس جا اور اُن سے کہہ خُداوند خُدا یُوں فرماتا ہے خواہ وہ سُنیں خواہ نہ سُنیں۔

12 اور رُوح نے مُجھے اُٹھا لِیا اور مَیں نے اپنے پِیچھے ایک بڑی کڑک کی آواز سُنی جو کہتی تھی کہ خُداوند کا جلال اُس کے مسکن سے مُبارک ہو۔

13 اور جان داروں کے پروں کے ایک دُوسرے سے لگنے کی آواز اور اُن کے مُقابِل پہیوں کی آواز اور ایک بڑے دھڑاکے کی آواز سُنائی دی۔

14 اور رُوح مُجھے اُٹھا کر لے گئی ۔ سو مَیں تلخ دِل اور غضبناک ہو کر روانہ ہُؤا اور خُداوند کا ہاتھ مُجھ پر غالِب تھا۔

15 اور مَیں تل ابِیب میں اسِیروں کے پاس جو نہرِ کبار کے کنارے بستے تھے پُہنچا اور جہاں وہ رہتے تھے مَیں سات دِن تک اُن کے درمِیان پریشان بَیٹھا رہا۔

خُداوند حِزقی ایل کو نِگہبان مُقرّر کرتا ہے

16 اور سات دِن کے بعد خُداوند کا کلام مُجھ پر نازِل ہُؤا۔

17 کہ اَے آدم زاد مَیں نے تُجھے بنی اِسرائیل کا نِگہبان مُقرّر کِیا ۔ پس تُو میرے مُنہ کا کلام سُن اور میری طرف سے اُن کو آگاہ کر دے۔

18 جب مَیں شرِیر سے کہُوں کہ تُو یقِیناً مَرے گا اور تُو اُسے آگاہ نہ کرے اور شرِیر سے نہ کہے کہ وہ اپنی بُری روِش سے خبردار ہو تاکہ وہ اُس سے باز آ کر اپنی جان بچائے تو وہ شرِیر اپنی شرارت میں مَرے گا لیکن مَیں اُس کے خُون کی بازپُرس تُجھ سے کرُوں گا۔

19 لیکن اگر تُو نے شرِیر کو آگاہ کر دِیا اور وہ اپنی شرارت اور اپنی بُری روِش سے باز نہ آیا تو وہ اپنی بدکرداری میں مَرے گا پر تُو نے اپنی جان کو بچا لِیا۔

20 اور اگر راست باز اپنی راست بازی چھوڑ دے اور گُناہ کرے اور مَیں اُس کے آگے ٹھوکر کِھلانے والا پتّھر رکُھّوں تو وہ مَر جائے گا ۔ اِس لِئے کہ تُو نے اُسے آگاہ نہیں کِیا تو وہ اپنے گُناہ میں مَرے گا اور اُس کی صداقت کے کاموں کا لِحاظ نہ کِیا جائے گا پر مَیں اُس کے خُون کی بازپُرس تُجھ سے کرُوں گا۔

21 لیکن اگر تُو اُس راست باز کو آگاہ کر دے تاکہ گُناہ نہ کرے اور وہ گُناہ سے باز رہے تو وہ یقِیناً جِئے گااِس لِئے کہ نصِیحت پذِیر ہُؤا اور تُو نے اپنی جان بچا لی۔

حِزقی ایل گُونگار ہے گا

22 اور وہاں خُداوند کا ہاتھ مُجھ پر تھا اور اُس نے مُجھے فرمایا اُٹھ مَیدان میں نِکل جا اور وہاں مَیں تُجھ سے باتیں کرُوں گا۔

23 تب مَیں اُٹھ کر مَیدان میں گیا اور کیا دیکھتا ہُوں کہ خُداوند کا جلال اُس شَوکت کی مانِند جو مَیں نے نہرِ کبار کے کنارے دیکھی تھی کھڑا ہے اور مَیں مُنہ کے بل گِرا۔

24 تب رُوح مُجھ مَیں داخِل ہُوئی اور اُس نے مُجھے میرے پاؤں پر کھڑا کِیا اور مُجھ سے ہم کلام ہو کر فرمایا کہ اپنے گھر جا اور دروازہ بند کر کے اندر بَیٹھ رہ۔

25 اور اَے آدمزاد دیکھ وہ تُجھ پر بندھن ڈالیں گے اور اُن سے تُجھے باندھیں گے اور تُو اُن کے درمِیان باہر نہ جائے گا۔

26 اور مَیں تیری زُبان تیرے تالُو سے چِپکا دُوں گا کہ تُو گُونگا ہو جائے اور اُن کے لِئے نصِیحت گو نہ ہو کیونکہ وہ باغی خاندان ہیں۔

27 لیکن جب مَیں تُجھ سے ہم کلام ہُوں گا تو تیرا مُنہ کھولُوں گا تب تُو اُن سے کہے گا کہ خُداوند خُدا یُوں فرماتا ہے جو سُنتا ہے سُنے اور جو نہیں سُنتا نہ سُنے کیونکہ وہ باغی خاندان ہیں۔

حِزقی ایل 4

حِزقی ایل یروشلیِم کے محاصرہ کا عملی مُظاہِرہ کرتا ہے

1 اور اَے آدم زاد تُو ایک کھپرا لے اور اپنے سامنے رکھ کر اُس پر ایک شہر ہاں یروشلیِم ہی کی تصوِیر کھینچ۔

2 اور اُس کا مُحاصرہ کر اور اُس کے مُقابِل بُرج بنا اور اُس کے سامنے دمدمہ باندھ اور اُس کے گِرد خَیمے کھڑے کر اور اُس کی چاروں طرف منجنِیق لگا۔

3 پِھر تُو لوہے کا ایک توَا لے اور اپنے اور شہر کے درمِیان اُسے نصب کر کہ وہ لوہے کی دِیوار ٹھہرے اور تُو اپنا مُنہ اُس کے مُقابِل کر اور وہ مُحاصرہ کی حالت میں ہو اور تُو اُس کا مُحاصرہ کرنے والا ہو گا ۔ یہ بنی اِسرائیل کے لِئے نِشان ہے۔

4 پِھر تُو اپنی بائِیں کروٹ پر لیٹ رہ اور بنی اِسرائیل کی بدکرداری اِس پر رکھ دے ۔ جِتنے دِنوں تک تُو لیٹا رہے گا تو اُن کی بدکرداری برداشت کرے گا۔

5 اور مَیں نے اُن کی بدکرداری کے برسوں کو اُن دِنوں کے شُمار کے مُطابِق جو تِین سَو نوّے دِن ہیں تُجھ پر رکھّا ہے سو تُو بنی اِسرائیل کی بدکرداری برداشت کرے گا۔

6 اور جب تُو اِن کو پُورا کر چُکے تو پِھر اپنی د ہنی کروٹ پر لیٹ رہ اور چالِیس دِن تک بنی یہُوداہ کی بدکرداری کو برداشت کر ۔ مَیں نے تیرے لِئے ایک ایک سال کے بدلے ایک ایک دِن مُقرّر کِیا ہے۔

7 پِھر تُو یروشلیِم کے مُحاصرہ کی طرف مُنہ کر اور اپنا بازُو ننگا کر اور اُس کے خِلاف نبُوّت کر۔

8 اور دیکھ مَیں تُجھ پر بندھن ڈالُوں گا کہ تُو کروٹ نہ لے سکے جب تک اپنے مُحاصرہ کے دِنوں کو پُورا نہ کر لے۔

9 اور تُو اپنے لِئے گیہُوں اور جَو اور باقلا اور مسُور اور چِینا اور باجرا لے اور اُن کو ایک ہی برتن میں رکھ اور اُن کی اِتنی روٹِیاں پکا جِتنے دِنوں تک تُو پہلی کروٹ پر لیٹا رہے گا ۔ تُو تِین سو نوّے دِن تک اُن کو کھانا۔

10 اور تیرا کھانا وزن کر کے بِیس مِثقال روزانہ ہو گا جو تُو کھائے گا ۔ تُو گاہے گاہے کھانا۔

11 تُو پانی بھی ناپ کر ایک ہِین کا چھٹا حِصّہ پِئے گا۔ تُو گاہے گاہے پِینا۔

12 اور تُو جَو کے پُھلکے کھانا اور تُو اُن کی آنکھوں کے سامنے اِنسان کی نجاست سے اُن کو پکانا۔

13 اور خُداوند نے فرمایا کہ اِسی طرح سے بنی اِسرائیل اپنی ناپاک روٹِیوں کو اُن اقوام کے درمِیان جِن میں مَیں اُن کو آوارہ کرُوں گا کھایا کریں گے۔

14 تب مَیں نے کہا کہ ہائے خُداوند خُدا! دیکھ میری جان کبھی ناپاک نہیں ہُوئی اور اپنی جوانی سے اب تک کوئی مُردار چِیز جو آپ ہی مَر جائے یا کِسی جانور سے پھاڑی جائے مَیں نے ہرگِز نہیں کھائی اور حرام گوشت میرے مُنہ میں کبھی نہیں گیا۔

15 تب اُس نے مُجھے فرمایا دیکھ مَیں اِنسان کی نجاست کے عِوض تُجھے گوبر دیتا ہُوں ۔ سو تُو اپنی روٹی اُس سے پکانا۔

16 اور اُس نے مُجھے فرمایا کہ اَے آدم زاد دیکھ مَیں یروشلیِم میں روٹی کا عصا توڑ ڈالُوں گا اور وہ روٹی تول کر فِکرمندی سے کھائیں گے اور پانی ناپ کر حَیرت سے پِئیں گے۔

17 تاکہ وہ روٹی پانی کے مُحتاج ہوں اور باہم سراسِیمہ ہوں اور اپنی بدکرداری میں ہلاک ہوں۔

حِزقی ایل 5

حِزقی ایل اپنے بال مُنڈاتا ہے

1 اَے آدم زاد تُو ایک تیز تلوار لے اور حجّام کے اُسترہ کی طرح اُس سے اپنا سر اور اپنی داڑھی مُنڈا اور ترازُو لے اور بالوں کو تول کر اُن کے حِصّے بنا۔

2 پِھر جب مُحاصرہ کے دِن پُورے ہو جائیں تو شہر کے بِیچ میں اُن کا ایک حِصّہ لے کر آگ میں جلا اور دُوسرا حِصّہ لے کر تلوار سے اِدھر اُدھر بِکھیر دے اور تِیسرا حِصّہ ہوامیں اُڑا دے اور مَیں تلوار کھینچ کر اُن کا پِیچھا کرُوں گا۔

3 اور اُن میں سے تھوڑے سے بال گِن کر لے اور اُن کو اپنے دامن میں باندھ۔

4 پِھر اُن میں سے کُچھ نِکال کر آگ میں ڈال اور جلا دے ۔ اِس میں سے ایک آگ نِکلے گی جو اِسرائیل کے تمام گھرانے میں پَھیل جائے گی۔

5 خُداوند خُدا یُوں فرماتا ہے کہ یروشلیِم یِہی ہے ۔ مَیں نے اُسے قَوموں اور مملکتوں کے درمِیان جو اُس کے آس پاس ہیں رکھّا ہے۔

6 لیکن اُس نے دِیگر اقوام سے زِیادہ شرارت کر کے میرے احکام کی مُخالفت کی اور میرے آئِین کو آس پاس کی مملکتوں سے زِیادہ ردّ کِیا کیونکہ اُنہوں نے میرے احکام کو ردّ کِیا اور میرے آئِین کی پَیروی نہ کی۔

7 پس خُداوند خُدا یُوں فرماتا ہے کہ چُونکہ تُم اپنے آس پاس کی اقوام سے بڑھ کر فِتنہ انگیز ہو اور میرے آئِین کی پَیروی نہیں کی اور میرے اِحکام پر عمل نہیں کِیا اور اپنے آس پاس کی اقوام کے آئِین و احکام پر بھی کار بند نہیں ہُوئے۔

8 اِس لِئے خُداوند خُدا یُوں فرماتا ہے کہ دیکھ مَیں ہاں مَیں ہی تیرا مُخالِف ہُوں اور تیرے درمِیان سب قَوموں کی آنکھوں کے سامنے تُجھے سزا دُوں گا۔

9 اور مَیں تیرے سب نفرتی کاموں کے سبب سے تُجھ میں وُہی کرُوں گا جو مَیں نے اب تک نہیں کِیا اور کبھی نہ کرُوں گا۔

10 پس تُجھ میں باپ بیٹے کو اور بیٹا باپ کو کھا جائے گا اور مَیں تُجھے سزا دُوں گا اور تیرے بقِیّہ کو ہر طرف پراگندہ کرُوں گا۔

11 پس خُداوند خُدا فرماتا ہے کہ مُجھے اپنی حیات کی قَسم چُونکہ تُو نے اپنی تمام مکرُوہات سے اور اپنے نفرتی کاموں سے میرے مَقدِس کو ناپاک کِیا ہے اِس لِئے مَیں بھی تُجھے گھٹاؤُں گا ۔ میری آنکھیں رِعایت نہ کریں گی ۔ مَیں ہرگِز رحم نہ کرُوں گا۔

12 تیرا ایک حِصّہ وبا سے مَر جائے گا اور کال سے تیرے اندر ہلاک ہو جائے گا اور دُوسرا حِصّہ تیری چاروں طرف تلوار سے مارا جائے گا اور تِیسرے حِصّہ کو مَیں ہر طرف پراگندہ کرُوں گا اور تلوار کھینچ کر اُن کا پِیچھا کرُوں گا۔

13 میرا قہر یُوں پُورا ہو گا تب میرا غضب اُن پر دِھیما ہو جائے گا اور میری تسکِین ہو گی اور جب مَیں اُن پر اپنا قہر پُورا کرُوں گا تب وہ جانیں گے کہ مُجھ خُداوند نے اپنی غَیرت سے یہ سب کُچھ فرمایا تھا۔

14 اِس کے سِوا مَیں تُجھ کو اُن قَوموں کے درمِیان جو تیرے آس پاس ہیں اور اُن سب کی نِگاہوں میں جو اُدھر سے گُذر کریں گے وِیران و باعِث ملامت بناؤُں گا۔

15 پس جب مَیں قہر و غضب اور سخت ملامت سے تیرے درمِیان عدالت کرُوں گا تو تُو اپنے آس پاس کی اقوام کے لِئے جایِ ملامت و اِہانت اور مقامِ عِبرت و حَیرت ہو گی ۔ مَیں خُداوند نے یہ فرمایا ہے۔

16 یعنی جب مَیں سخت قحط کے تِیر جو اُن کی ہلاکت کے لِئے ہیں اُن کی طرف راونہ کرُوں گا جِن کو مَیں تُمہارے ہلاک کرنے کے لِئے چلاؤُں گا اور مَیں تُم میں قحط کو زِیادہ کرُوں گا اور تُمہاری روٹی کے عصا کو توڑ ڈالُوں گا۔

17 اور مَیں تُم میں قحط اور بُرے درِندے بھیجُوں گا اور وہ تُجھے لاولد کریں گے اور مَری اور خُون ریزی تیرے درمِیان آئے گی اور مَیں تلوار تُجھ پر لاؤُں گا ۔ مَیں خُداوند ہی نے فرمایا ہے۔

حِزقی ایل 6

خُداوندبُت پرستی کی مُذّمت کر تا ہے

1 اور خُداوند کا کلام مُجھ پر نازِل ہُؤا۔

2 کہ اَے آدم زاد اِسرائیل کے پہاڑوں کی طرف مُنہ کرکے اُن کے خِلاف نبُوّت کر۔

3 اور یُوں کہہ کہ اَے اِسرائیل کے پہاڑو خُداوند خُدا کا کلام سُنو! خُداوند خُدا پہاڑوں اور ٹِیلوں کو اور نہروں اور وادِیوں کو یُوں فرماتا ہے کہ دیکھو مَیںہاں مَیں ہی تُم پر تلوار چلاؤُں گا ۔ اور تُمہارے اُونچے مقاموں کو غارت کرُوں گا۔

4 اور تُمہاری قُربان گاہیں اُجڑ جائیں گی اور تُمہاری سُورج کی مُورتیں توڑ ڈالی جائیں گی اور مَیں تُمہارے مقتُولوں کو تُمہارے بُتوں کے آگے ڈال دُوں گا۔

5 اور بنی اِسرائیل کی لاشیں اُن کے بُتوں کے آگے پھینک دُوں گا اور مَیں تُمہاری ہڈِّیوں کو تُمہاری قُربان گاہوں کے گِردا گِرد پراگندہ کرُوں گا۔

6 تُمہاری بُود و باش کے تمام عِلاقوں کے شہر وِیران ہوں گے اور اُونچے مقام اُجاڑے جائیں گے تاکہ تُمہاری قُربان گاہیں خراب اور وِیران ہوں اور تُمہارے بُت توڑے جائیں اور باقی نہ رہیں اور تُمہاری سُورج کی مُورتیں کاٹ ڈالی جائیں اور تُمہاری دست کارِیاں نابُود ہوں۔

7 اور مقتُول تمُہارے درمِیان گِریں گے اور تُم جانو گے کہ مَیں خُداوند ہُوں۔

8 لیکن مَیں ایک بقِیّہ چھوڑ دُوں گا یعنی وہ چند لوگ جو قَوموں کے درمِیان تلوار سے بچ نِکلیں گے جب تُم غَیر مُمالِک میں پراگندہ ہو جاؤ گے۔

9 اور جو تُم میں سے بچ رہیں گے اُن قَوموں کے درمِیان جہاں جہاں وہ اسِیر ہو کر جائیں گے مُجھ کو یاد کریں گے جب مَیں اُن کے بے وفا دِلوں کو جو مُجھ سے دُور ہُوئے اور اُن کی آنکھوں کو جو بُتوں کی پَیروی میں برگشتہ ہُوئِیں شِکستہ کرُوں گا اور وہ آپ اپنی تمام بد اعمالی کے سبب سے جو اُنہوں نے اپنے تمام گِھنَونے کاموں میں کی اپنی ہی نظر میں نفرتی ٹھہریں گے۔

10 تب وہ جانیں گے کہ مَیں خُداوند ہُوں اور مَیں نے یُوں ہی نہیں فرمایا تھا کہ مَیں اُن پر یہ بلا لاؤُں گا۔

11 خُداوند خُدا یُوں فرماتا ہے کہ ہاتھ پر ہاتھ مار اور پاؤں زمِین پر پٹک کر کہہ کہ بنی اِسرائیل کے تمام گِھنَونے کاموں پر افسوس! کیونکہ وہ تلوار اور کال اور وبا سے ہلاک ہوں گے۔

12 جو دُور ہے وہ وبا سے مَرے گا اور جو نزدِیک ہے تلوار سے قتل کِیا جائے گا اور جو باقی رہے اور محصُور ہو وہ کال سے مَرے گا اور مَیں اُن پر اپنے قہر کو یُوں پُورا کرُوں گا۔

13 اور جب اُن کے مقتُول ہر اُونچے ٹِیلے پر اور پہاڑوں کی سب چوٹِیوں پر اور ہر ایک ہرے درخت اور گھنے بلُوط کے نِیچے ہر جگہ جہاں وہ اپنے سب بُتوں کے لِئے خُوشبُو جلاتے تھے اُن کے بُتوں کے پاس اُن کی قُربان گاہوں کی چاروں طرف پڑے ہُوئے ہوں گے تب وہ پہچانیں گے کہ خُداوند مَیں ہُوں۔

14 اور مَیں اُن پر ہاتھ چلاؤُں گا اور بیابان سے دِبلہ تک اُن کے مُلک کی سب بستِیاں وِیران اور سُنسان کرُوں گا ۔ تب وہ پہچانیں گے کہ مَیں خُداوند ہُوں۔

حِزقی ایل 7

اِسرا ئیل کاانجام نزدِیک ہے

1 اور خُداوند کا کلام مُجھ پر نازِل ہُؤا۔

2 کہ اَے آدم زاد خُداوند خُدا اِسرائیل کے مُلک سے یُوں فرماتا ہے کہ تمام ہُؤا! مُلک کے چاروں کونوں پر خاتِمہ آن پُہنچا ہے۔

3 اب تیری اجل آئی اور مَیں اپنا غضب تُجھ پر نازِل کرُوں گا اور تیری روِش کے مُطابِق تیری عدالت کرُوں گا اور تیرے سب گِھنَونے کاموں کی سزا تُجھ پر لاؤُں گا۔

4 میری آنکھ تیری رِعایت نہ کرے گی اور مَیں تُجھ پر رحم نہ کرُوں گا بلکہ مَیں تیری روِش کے مُطابِق تُجھے سزا دُوں گا اور تیرے گِھنَونے کاموں کے انجام تیرے درمِیان ہوں گے تاکہ تُم جانو کہ مَیں خُداوند ہُوں۔

5 خُداوند خُدا یُوں فرماتا ہے کہ ایک بلا یعنی بلایِ عظِیم! دیکھ وہ آتی ہے۔

6 خاتِمہ آیا ۔ خاتِمہ آ گیا ۔ وہ تُجھ پر آ پُہنچا ۔ دیکھ وہ آ پُہنچا۔

7 اَے زمِین پر بسنے والے تیری شامت آ گئی ۔ وقت آ پُہنچا ۔ ہنگامہ کا دِن قرِیب ہُؤا ۔ یہ پہاڑوں پر خُوشی کی للکار کا دِن نہیں۔

8 اب مَیں اپنا قہر تُجھ پر اُنڈیلنے کو ہوں اور اپنا غضب تُجھ پر پُورا کرُوں گا اور تیری روِش کے مُطابِق تیری عدالت کرُوں گا اور تیرے سب گِھنَونے کاموں کی سزا تُجھ پر لاؤُں گا۔

9 میری آنکھ رِعایت نہ کرے گی اور مَیں ہرگِز رحم نہ کرُوں گا ۔ مَیں تُجھے تیری روِش کے مُطابِق سزا دُوں گا اور تیرے گِھنَونے کاموں کے انجام تیرے درمِیان ہوں گے اور تُم جانو گے کہ مَیں خُداوند سزا دینے والا ہُوں۔

10 دیکھ وہ دِن ۔ دیکھ وہ آ پُہنچا ہے! تیری شامت آگئی ۔ عصا میں کلِیاں نِکلِیں ۔ غُرُور میں غُنچے نِکلے۔

11 سِتم گری نِکلی کہ شرارت کے لِئے چھڑی ہو ۔ کوئی اُن میں سے نہ بچے گا ۔ نہ اُن کے انبوہ میں سے کوئی اور نہ اُن کے مال میں سے کُچھ اور اُن پر ماتم نہ ہو گا۔

12 وقت آ گیا ۔ دِن قرِیب ہے ۔نہ خرِیدنے والا خوش ہو نہ بیچنے والا اُداس کیونکہ اُن کے تمام انبوہ پر غضب نازِل ہونے کو ہے۔

13 کیونکہ بیچنے والا بِکی ہُوئی چِیز تک پِھر نہ پُہنچے گاا گرچہ ہنُوز وہ زِندوں کے درمِیان ہوں کیونکہ یہ رویا اُن کے تمام انبوہ کے لِئے ہے ۔ایک بھی نہ لَوٹے گا اور نہ کوئی بدکرداری سے اپنی جان کو قائِم رکھّے گا۔

14 نرسِنگا پُھونکا گیا اور سب کُچھ تیّار ہے لیکن کوئی جنگ کو نہیں نِکلتا کیونکہ میرا غضب اُن کے تمام انبوہ پر ہے۔

اِسرا ئیل کے گُناہوں کی سزا

15 باہر تلوار ہے اور اندر وبا اور قحط ہیں ۔ جو کھیت میں ہے تلوار سے قتل ہو گا اور جو شہر میں ہے قحط اوروبا اُسے نِگل جائیں گے۔

16 لیکن جو اُن میں سے بھاگ جائیں گے وہ بچ نِکلیں گے اور وادِیوں کے کبُوتروں کی مانِند پہاڑوں پر رہیں گے اور سب کے سب نالہ کریں گے ۔ ہر ایک اپنی بدکرداری کے سبب سے۔

17 سب ہاتھ ڈِھیلے ہوں گے اور سب گُھٹنے پانی کی مانِند کمزور ہو جائیں گے۔

18 وہ ٹاٹ سے کمر کَسیں گے اور ہَول اُن پر چھا جائے گا اور سب کے مُنہ پر شرم ہو گی اور اُن سب کے سروں پر چندلاپن ہو گا۔

19 وہ اپنی چاندی سڑکوں پر پھینک دیں گے اور اُن کا سونا ناپاک چِیز کی مانِند ہو گا ۔ خُداوند کے غضب کے دِن میں اُن کا سونا چاندی اُن کو نہ بچا سکے گا ۔ اُن کی جانیںآسُودہ نہ ہوں گی اور اُن کے پیٹ نہ بھریں گے کیونکہ اُنہوں نے اُسی سے ٹھوکر کھا کر بدکرداری کی تھی۔

20 اور اُن کے خُوب صُورت زیور شَوکت کے لِئے تھے پر اُنہوں نے اُن سے اپنی نفرتی مُورتیں اور مکرُوہ چِیزیں بنائِیں اِس لِئے مَیں نے اُن کے لِئے اُن کو ناپاک چِیز کی مانِند کر دِیا۔

21 اور مَیں اُن کو غنِیمت کے لِئے پردیسیوں کے ہاتھ میں اور لُوٹ کے لِئے زمِین کے شرِیروں کے ہاتھ میں سَونپ دُوں گا اور وہ اُن کو ناپاک کریں گے۔

22 اور مَیں اُن سے مُنہ پھیر لُوں گا اور وہ میرے خَلوت خانہ کو ناپاک کریں گے ۔ اُس میں غارت گر آئیں گے اور اُسے ناپاک کریں گے۔

23 زنجِیربنا کیونکہ مُلک خُون ریزی کے گُناہوں سے پُر ہے اور شہر ظُلم سے بھرا ہے۔

24 پس مَیں غَیر قَوموں میں سے بدترِین کو لاؤُں گا اور وہ اُن کے گھروں کے مالِک ہوں گے اور مَیں زبردستوں کا گھمنڈ مِٹاؤُں گا اور اُن کے مُقدّس مقام ناپاک کِئے جائیں گے۔

25 ہلاکت آتی ہے اور وہ سلامتی کو ڈُھونڈیں گے پر نہ پائیں گے۔

26 بلا پر بلا آئے گی اور افواہ پر افواہ ہو گی ۔ تب وہ نبی سے رویا کی تلاش کریں گے لیکن شرِیعت کاہِن سے اور مصلحت بزُرگوں سے جاتی رہے گی۔

27 بادشاہ ماتم کرے گا اور حاکِم پر حَیرت چھا جائے گی اور رعِیّت کے ہاتھ کانپیں گے مَیں اُن کی روِش کے مُطابِق اُن سے سلُوک کرُوں گا اور اُن کے اعمال کے مُطابِق اُن پر فتویٰ دُوں گا تاکہ وہ جانیں کہ خُداوند مَیں ہُوں۔

حِزقی ایل 8

خُدا کے بارے میںحِزقی ایل کی دُوسری رویا

1 اور چھٹے برس کے چھٹے مہِینے کی پانچویِں تارِیخ کو یُوں ہُؤا کہ مَیں اپنے گھر میں بَیٹھا تھا اور یہُودا ہ کے بزُرگ میرے سامنے بَیٹھے تھے کہ وہاں خُداوند خُدا کا ہاتھ مُجھ پر ٹھہرا۔

2 تب مَیں نے نِگاہ کی اور کیا دیکھتا ہُوں کہ ایک شبِیہہ آگ کی مانِند نظر آتی ہے۔ اُس کی کمر سے نِیچے تک آگ اور اُس کی کمر سے اُوپر تک جلوۂِ نُور ظاہِر ہُؤا جِس کا رنگ صَیقل کِئے ہُوئے پِیتل کا سا تھا۔

3 اور اُس نے ایک ہاتھ کی شبِیہہ سی بڑھا کر میرے سر کے بالوں سے مُجھے پکڑا اور رُوح نے مُجھے آسمان اور زمِین کے درمِیا ن بُلند کِیا اور مُجھے اِلٰہی رویا میں یروشلیِم میں شِمال کی طرف اندرُونی پھاٹک پر جہاں غَیرت کی مُورت کا مسکن تھا جو غَیرت بھڑکاتی ہے لے آئی۔

4 اور کیا دیکھتا ہُوں کہ وہاں اِسرائیل کے خُدا کا جلال اُس رویا کے مُطابِق جو مَیں نے اُس وادی میں دیکھی تھی مَوجُود ہے۔

5 تب اُس نے مُجھے فرمایا اَے آدم زاد اپنی آنکھیں شِمال کی طرف اُٹھا اور مَیں نے اُس طرف آنکھیں اُٹھائِیں اور کیا دیکھتا ہُوں کہ شِمال کی طرف مذبح کے دروازہ پرغَیرت کی وُہی مُورت مدخل میں ہے۔

6 اور اُس نے پِھر مُجھے فرمایا کہ اَے آدم زاد تُو اُن کے کام دیکھتا ہے؟ یعنی وہ مکرُوہاتِ عظِیم جو بنی اِسرائیل یہاں کرتے ہیں تاکہ مَیں اپنے مَقدِس کو چھوڑ کر اُس سے دُور ہو جاؤُں لیکن تُو ابھی اِن سے بھی بڑی مکرُوہات دیکھے گا۔

7 تب وہ مُجھے صحن کے پھاٹک پر لایا اور مَیں نے نظر کی اور کیا دیکھتا ہُوں کہ دِیوار میں ایک چھید ہے۔

8 تب اُس نے مُجھے فرمایا اَے آدم زاد دِیوار کھود اور جب مَیں نے دِیوار کو کھودا تو ایک دروازہ دیکھا۔

9 پِھر اُس نے مُجھے فرمایا اندر جا اور جو نفرتی کام وہ یہاں کرتے ہیں دیکھ۔

10 تب مَیں نے اندر جا کر دیکھا اور کیا دیکھتا ہُوں کہ ہر نَوع کے سب رینگنے والے کِیڑوں اور مکرُوہ جانوروں کی سب صُورتیں اور بنی اِسرائیل کے بُت گِردا گِرد دِیوار پر مُنقّش ہیں۔

11 اور بنی اِسرائیل کے بزُرگوں میں سے ستّر شخص اُن کے آگے کھڑے ہیں اور یازنیا ہ بِن سافن اُن کے وسط میں کھڑا ہے اور ہر ایک کے ہاتھ میں ایک بخُور دان ہے اورخُوشبُو بخُور کا بادل اُٹھ رہا ہے۔

12 تب اُس نے مُجھے فرمایا کہ اَے آدم زاد کیا تُو نے دیکھا کہ بنی اِسرائیل کے سب بزُرگ تارِیکی میں یعنی اپنے مُنقّش کاشانوں میں کیا کرتے ہیں؟ کیونکہ وہ کہتے ہیں کہ خُداوند ہم کو نہیں دیکھتا ۔ خُداوند نے مُلک کو چھوڑ دِیا ہے۔

13 اور اُس نے مُجھے یہ بھی فرمایا کہ تُو ابھی اِن سے بھی بڑی مکرُوہات جو وہ کرتے ہیں دیکھے گا۔

14 تب وہ مُجھے خُداوند کے گھر کے شِمالی پھاٹک پر لایا اور کیا دیکھتا ہُوں کہ وہاں عَورتیں بَیٹھی تمُّوز پر نَوحہ کر رہی ہیں۔

15 تب اُس نے مُجھے فرمایا اَے آد م زاد کیا تُو نے یہ دیکھا ہے؟ تُو ابھی اِن سے بھی بڑی مکرُوہات دیکھے گا۔

16 پِھر وہ مُجھے خُداوند کے گھر کے اندرُونی صحن میں لے گیا اور کیا دیکھتا ہُوں کہ خُداوند کی ہَیکل کے دروازہ پر آستانہ اور مذبح کے درمِیان قرِیباً پچِّیس شخص ہیں جِن کی پِیٹھ خُداوند کی ہَیکل کی طرف ہے اور اُن کے مُنہ مشرِق کے طرف ہیں اور مشرِق کا رُخ کر کے آفتاب کو سِجدہ کر رہے ہیں۔

17 تب اُس نے مُجھے فرمایا اَے آدم زاد کیا تُو نے یہ دیکھا ہے؟ کیا بنی یہُودا ہ کے نزدِیک یہ چھوٹی سی بات ہے کہ وہ یہ مکرُوہ کام کریں جو یہاں کرتے ہیں کیونکہ اُنہوں نے تو مُلک کو ظُلم سے بھر دِیا اور پِھر مُجھے غضبناک کِیا اور دیکھ وہ اپنی ناک سے ڈالی لگاتے ہیں۔

18 پس مَیں بھی قہر سے پیش آؤُں گا ۔ میری آنکھ رِعایت نہ کرے گی اور مَیں ہرگِز رحم نہ کرُوں گا اور اگرچہ وہ چِلاّ چِلاّ کر میرے کانوں میں آہ و نالہ کریں تَو بھی مَیں اُن کی نہ سنُوں گا۔

حِزقی ایل 9

یروشلیِم کو سزا ملتی ہے

1 پِھر اُس نے بُلند آواز سے پُکار کر میرے کانوں میں کہا کہ اُن کو جو شہر کے مُنتظِم ہیں نزدِیک بُلا ۔ ہر ایک شخص اپنا مُہلِک ہتھیار ہاتھ میں لِئے ہو۔

2 اور دیکھو چھ مَرد اُوپر کے پھاٹک کی راہ سے جو شِمال کی طرف ہے چلے آئے اور ہر ایک مَرد کے ہاتھ میں اُس کا خُون ریز ہتھیار تھا اور اُن کے درمِیان ایک آدمی کتانی لِباس پہنے تھا اور اُس کی کمر پر لِکھنے کی دوات تھی ۔ سو وہ اندر گئے اور پِیتل کے مذبح کے پاس کھڑے ہُوئے۔

3 اور اِسرائیل کے خُدا کا جلال کرُّوبی پر سے جِس پر وہ تھا اُٹھ کر گھر کے آستانہ پر گیا اور اُس نے اُس مَرد کو جو کتانی لِباس پہنے تھا اور جِس کے پاس لِکھنے کی دوات تھی پُکارا۔

4 اور خُداوند نے اُسے فرمایا کہ شہر کے درمیان سے ہاں یروشلیِم کے بِیچ سے گُذر اور اُن لوگوں کی پیشانی پر جو اُن سب نفرتی کاموں کے سبب سے جو اُس کے درمِیان کِئے جاتے ہیں آہیں مارتے اور روتے ہیں نِشان کر دے۔

5 اور اُس نے میرے سُنتے ہُوئے دُوسروں سے فرمایا اُس کے پِیچھے پِیچھے شہر میں سے گُذر کرو اور مارو ۔ تُمہاری آنکھیں رِعایت نہ کریں اور تُم رحم نہ کرو۔

6 تُم بُوڑھوں اور جوانوں اور لڑکیوں اور ننّھے بچّوں اور عَورتوں کو بِالکُل مار ڈالو لیکن جِن پر نِشان ہے اُن میں سے کِسی کے پاس نہ جاؤ اور میرے مَقدِس سے شرُوع کرو ۔ تب اُنہوں نے اُن بزُرگوں سے جو ہَیکل کے سامنے تھے شرُوع کِیا۔

7 اور اُس نے اُن کو فرمایا کہ ہَیکل کو ناپاک کرو اور مقتُولوں سے صحنوں کو بھر دو ۔ چلو باہر نِکلو ۔ سو وہ نِکل گئے اور شہر میں قتل کرنے لگے۔

8 اور جب وہ اُن کو قتل کر رہے تھے اور مَیں بچ رہا تھا تو یُوں ہُؤا کہ مَیں مُنہ کے بَل گِرا اور چِلاّ کر کہا آہ! اَے خُداوند خُدا کیا تُو اپنا قہرِ شدِید یروشلیِم پر نازِل کر کے اِسرائیل کے سب باقی لوگوں کو ہلاک کرے گا؟۔

9 تب اُس نے مُجھے فرمایا کہ اِسرائیل اور یہُودا ہ کے خاندان کی بدکرداری نِہایت عظِیم ہے ۔ مُلک خُون ریزی سے پُر ہے اور شہر بے اِنصافی سے بھرا ہے کیونکہ وہ کہتے ہیں کہ خُداوند نے مُلک کو چھوڑ دِیا ہے اور وہ نہیں دیکھتا۔

10 پس میری آنکھ رِعایت نہ کرے گی اور مَیں ہرگِز رحم نہ کرُوں گا ۔ مَیں اُن کی روِش کا بدلہ اُن کے سر پر لاؤُں گا۔

11 اور دیکھو اُس آدمی نے جو کتانی لِباس پہنے تھا اور جِس کے پاس لِکھنے کی دوات تھی یُوں کَیفِیّت بیان کی جَیساتُو نے مُجھے حُکم دِیا مَیں نے کِیا۔

حِزقی ایل 10

خُداوند کا جلال ہَیکل سے جُدا ہوجاتا ہے

1 تب مَیں نے نِگاہ کی اور کیا دیکھتا ہُوں کہ اُس فضا پر جو کرُّوبِیوں کے سر کے اُوپر تھی ایک چِیز نِیلم سی دِکھائی دی اور اُس کی صُورت تخت کی سی تھی۔

2 اور اُس نے اُس آدمی کو جو کتانی لِباس پہنے تھا فرمایا کہ اُن پہیوں کے اندر جا جو کرُّوبی کے نِیچے ہیں اور آگ کے انگارے جو کرُّوبِیوں کے درمِیان ہیں مُٹّھی بھر کر اُٹھا اور شہر کے اُوپر بِکھیر دے

اور وہ گیا اور مَیں دیکھتا تھا۔

3 جب وہ شخص اندر گیا تب کرُّوبی ہَیکل کی د ہنی طرف کھڑے تھے اور اندرُونی صحن بادل سے بھر گیا۔

4 تب خُداوند کا جلال کرُّوبی پر سے بُلند ہو کر ہَیکل کے آستانہ پر آیا اور ہَیکل بادل سے بھر گئی اور صحن خُداوند کے جلال کے نُور سے معمُور ہو گیا۔

5 اور کرُّوبِیوں کے پروں کی صدا باہر کے صحن تک سُنائی دیتی تھی جَیسے قادِر مُطلق خُدا کی آواز جب وہ کلام کرتا ہے۔

6 اور یُوں ہُؤا کہ جب اُس نے اُس شخص کو جو کتانی لِباس پہنے تھا حُکم کِیا کہ وہ پہئے کے اندر سے اور کرُّوبِیوں کے درمِیان سے آگ لے تب وہ اندر گیا اور پہئے کے پاس کھڑا ہُؤا۔

7 اور کرُّوبِیوں میں سے ایک کرُّوبی نے اپنا ہاتھ اُس آگ کی طرف جو کرُّوبِیوں کے درمِیان تھی بڑھایا اور آگ لے کر اُس شخص کے ہاتھوں پر جو کتانی لِباس پہنے تھا رکھّی ۔ وہ لے کر باہر چلا گیا۔

8 اور کرُّوبِیوں کے درمِیان اُن کے پروں کے نِیچے اِنسان کے ہاتھ کی سی صُورت نظر آئی۔

9 اور مَیں نے نِگاہ کی تو کیا دیکھتا ہُوں کہ چار پہئے کرُّوبِیوں کے آس پاس ہیں ۔ ایک کرُّوبی کے پاس ایک پہیا اور دُوسرے کرُّوبی کے پاس دُوسرا پہیا تھا اور اُن پہیوں کا جلوہ دیکھنے میں زبرجد کا سا تھا۔

10 اور اُن کی شکل ایک ہی طرح کی تھی ۔ جَیسے پہیا پہئے کے اندر ہو۔

11 جب وہ چلتے تھے تو اپنی چاروں طرف پر چلتے تھے ۔ وہ چلتے ہُوئے مُڑتے نہ تھے ۔ جِس طرف کو سر کا رُخ ہوتا تھا اُسی طرف اُس کے پِیچھے پِیچھے جاتے تھے ۔ وہ چلتے ہُوئے مُڑتے نہ تھے۔

12 اور اُن کے تمام بدن اور پِیٹھ اور ہاتھوں اور پروں اور اُن پہیوں میں گِردا گِرد آنکھیں ہی آنکھیں تِھیں یعنی اُن چاروں کے پہیوں میں۔

13 اِن پہیوں کو میرے سُنتے ہُوئے چرخ کہا گیا۔

14 اور ہر ایک کے چار چِہرے تھے پہلا چِہرہ کرُّوبی کا ۔ دُوسرا اِنسان کا ۔ تِیسرا شیرِ بَبر کا اور چَوتھا عُقاب کا۔

15 اور کرُّوبی بُلند ہُوئے ۔ یہ وہ جان دار تھا جو مَیں نے نہرِ کبار کے پاس دیکھا تھا۔

16 اور جب کرُّوبی چلتے تھے تو پہئے بھی اُن کے ساتھ ساتھ چلتے تھے اور جب کرُّوبِیوں نے اپنے بازُو پَھیلائے تاکہ زمِین سے اُوپر بُلند ہوں تو وہ پہئے اُن کے پاس سے جُدا نہ ہُوئے۔

17 جب وہ ٹھہرتے تھے تو یہ بھی ٹھہرتے تھے اور جب وہ بُلند ہوتے تھے تو یہ بھی اُن کے ساتھ بُلند ہو جاتے تھے کیونکہ جان دار کی رُوح اُن میں تھی۔

18 اور خُداوند کا جلال گھر کے آستانہ پر سے روانہ ہوکر کرُّوبِیوں کے اُوپر ٹھہر گیا۔

19 تب کرُّوبِیوں نے اپنے بازُو پَھیلائے اور میری آنکھوں کے سامنے زمِین سے بُلند ہُوئے اور چلے گئے اور پہئے اُن کے ساتھ ساتھ تھے اور وہ خُداوند کے گھر کے مشرِقی پھاٹک کے آستانہ پر ٹھہرے اور اِسرائیل کے خُدا کا جلال اُن کے اُوپر جلوہ گر تھا۔

20 یہ وہ جان دار ہے جو مَیں نے اِسرائیل کے خُدا کے نِیچے نہرِ کبار کے کنارے پر دیکھا تھا اور مُجھے معلُوم تھا کہ یہ کرُّوبی ہیں۔

21 ہر ایک کے چار چِہرے تھے اور چار بازُو اور اُن کے بازُوؤں کے نِیچے اِنسان کا سا ہاتھ تھا۔

22 رہی اُن کے چِہروں کی صُورت ۔ یہ وُہی چِہرے تھے جو مَیں نے نہرِ کبار کے کنارے پر دیکھے تھے یعنی اُن کی صُورت اور وہ خُود ۔ وہ سب کے سب سِیدھے آگے ہی کو چلے جاتے تھے۔

حِزقی ایل 11

یروشلیِم پرسزا کاحُکم

1 اور رُوح مُجھ کو اُٹھا کر خُداوند کے گھر کے مشرِقی پھاٹک پر جِس کا رُخ مشرِق کی طرف ہے لے گئی اور کیا دیکھتا ہُوں کہ اُس پھاٹک کے آستانہ پر پچِیّس شخص ہیں اورمَیں نے اُن کے درمِیان یازنیا ہ بِن عزُّور اور فلطیا ہ بِن بِنایا ہ لوگوں کے اُمرا کو دیکھا۔

2 اور اُس نے مُجھے فرمایا کہ اَے آدم زاد یہ وہ لوگ ہیں جو اِس شہر میں بدکرداری کی تدبِیر اور بُری مشوَرت کرتے ہیں۔

3 جو کہتے ہیں کہ گھر بنانا نزدِیک نہیں ہے ۔ یہ شہر تو دیگ ہے اور ہم گوشت ہیں۔

4 اِس لِئے تُو اُن کے خِلاف نبُوّت کر ۔ اَے آدم زاد نبُوّت کر۔

5 اور خُداوند کی رُوح مُجھ پر نازِل ہُوئی اور اُس نے مُجھے کہا کہ خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ اَے بنی اِسرائیل تُم نے یُوں کہا ہے ۔ مَیں تُمہارے دِل کے خیالات کو جانتا ہُوں۔

6 تُم نے اِس شہر میں بُہتوں کو قتل کِیا بلکہ اُس کی سڑکوں کو مقتُولوں سے بھردِیا ہے۔

7 اِس لِئے خُداوند خُدا یُوں فرماتا ہے کہ تُمہارے مقتُول جِن کی لاشیں تُم نے شہر میں رکھ چھوڑی ہیں یہ وُہی گوشت ہے اور یہ شہر وُہی دیگ ہے لیکن تُم اِس سے باہر نِکالے جاؤ گے۔

8 تُم تلوار سے ڈرے ہو اور خُداوند خُدا فرماتا ہے کہ مَیں تلوار تُم پر لاؤُں گا۔

9 اور مَیں تُم کو اُس سے باہر نِکالُوں گا اور تُم کو پردیسیوں کے حوالہ کر دُوں گا اور تُم کو سزا دُوں گا۔

10 تُم تلوار سے قتل ہو گے ۔ اِسرائیل کی حدُود کے اندر مَیں تُمہاری عدالت کرُوں گا اور تُم جانو گے کہ مَیں خُداوند ہُوں۔

11 یہ شہر تُمہارے لِئے دیگ نہ ہو گا نہ تُم اِس میں کاگوشت ہو گے بلکہ مَیں بنی اِسرائیل کی حدُود کے اندر تُمہارا فَیصلہ کرُوں گا۔

12 اور تُم جانو گے کہ مَیں خُداوند ہُوں جِس کے آئِین پر تُم نہیں چلے اور جِس کے احکام پر تُم نے عمل نہیں کِیا بلکہ تُم اُن قَوموں کے احکام پر جو تُمہارے آس پاس ہیں کار بند ہُوئے۔

13 اور جب مَیں نبُوّت کر رہا تھا تو یُوں ہُؤا کہ فلطیا ہ بِن بنایاہ مَر گیا ۔ تب مَیں مُنہ کے بَل گِرا اور بُلند آواز سے چِلاّ کر کہا آہ خُداوند خُدا! کیا تُو بنی اِسرائیل کے بقِیّہ کو بِالکُل مِٹا ڈالے گا؟۔

اسیِروں کے ساتھ خُدا کا وعدہ

14 تب خُداوند کا کلام مُجھ پر نازِل ہُؤا۔

15 کہ اَے آدم زاد تیرے بھائِیوں ہاں تیرے بھائِیوں یعنی تیرے قرابتیوں بلکہ سب بنی اِسرائیل سے ہاں اُن سب سے یروشلیِم کے باشِندوں نے کہا ہے خُداوند سے دُور رہو۔ یہ مُلک ہم کو مِیراث میں دِیا گیا ہے۔

16 اِس لِئے تُو کہہ خُداوند خُدا یُوں فرماتا ہے کہ ہرچند مَیں نے اُن کو قَوموں کے درمِیان ہانک دِیا ہے اورغَیر مُلکوں میں پراگندہ کِیا لیکن مَیں اُن کے لِئے تھوڑی دیر تک اُن مُلکوں میں جہاں جہاں وہ گئے ہیں ایک مَقدِس ہُوں گا۔

17 اِس لِئے تُو کہہ خُداوند خُدا یُوں فرماتا ہے کہ مَیں تُم کو اُمّتوں میں سے جمع کر لُوں گا اور اُن مُلکوں میں سے جِن میں تُم پراگندہ ہُوئے تُم کو فراہم کرُوں گا اور اِسرائیل کا مُلک تُم کو دُوں گا۔

18 اور وہ وہاں آئیں گے اور اُس کی تمام نفرتی اور مکرُوہ چِیزیں اُس سے دُور کر دیں گے۔

19 اور مَیں اُن کو نیا دِل دُوں گا اور نئی رُوح تُمہارے باطِن میں ڈالُوں گا اور سنگِین دِل اُن کے جِسم سے خارِج کر دُوں گا اور اُن کو گوشتِین دِل عِنایت کرُوں گا۔

20 تاکہ وہ میرے آئِین پر چلیں اور میرے احکام پر عمل کریں اور اُن پر کاربند ہوں اور وہ میرے لوگ ہوں گے اور مَیں اُن کا خُدا ہُوں گا۔

21 لیکن جِن کا دِل اپنی نفرتی اور مکرُوہ چِیزوں کا طالِب ہو کر اُن کی پَیروی میں ہے اُن کی بابت خُداوند خُدا فرماتا ہے کہ مَیں اُن کی روِش کو اُنہی کے سر پر لاؤُں گا۔ خُدا کا جلال یروشلیِم سے جُدا ہوجاتا ہے

22 تب کرُّوبِیوں نے اپنے اپنے بازُو بُلند کِئے اور پہئے اُن کے ساتھ ساتھ چلے اور اِسرائیل کے خُدا کا جلال اُن کے اُوپر جلوہ گر تھا۔

23 اور خُداوند کا جلال شہر میں سے اُٹھا اور شہر کی مشرِقی طرف کے پہاڑ پر جا ٹھہرا۔

24 تب رُوح نے مُجھے اُٹھایا اور خُدا کی رُوح نے رویا میں مُجھے پِھر کسدیوں کے مُلک میں اسِیروں کے پاس پُہنچا دِیا اور وہ رویا جو مَیں نے دیکھی مُجھ سے غائِب ہو گئی۔

25 اور مَیں نے اسِیروں سے خُداوند کی وہ سب باتیں بیان کِیں جو اُس نے مُجھ پر ظاہِر کی تِھیں۔