یُوایل 1

1 خُداوند کا کلام جو یُوایل بِن فتُوایل پر نازِل ہُؤا:۔-

لوگ فَصلوں کی بربادی پر ماتم کرتے ہیں

2 اَے بُوڑھو سُنو!

اَے زمِین کے سب باشِندو کان لگاؤ!

کیا تُمہارے یا تُمہارے باپ دادا کے ایّام میں

کبھی اَیسا ہُؤا؟۔

3 تُم اپنی اَولاد سے اِس کا تذکرہ کرو

اور تُمہاری اَولاد اپنی اَولاد سے

اور اُن کی اَولاد اپنی نسل سے بیان کرے۔

4 کہ جو کُچھ ٹِڈّیوں کے ایک غول سے بچا اُسے دُوسرا

غول نِگل گیا

اور جو کُچھ دُوسرے سے بچا اُسے تِیسرا غول چَٹ

کر گیا اور جو کُچھ تِیسرے سے بچا اُسے

چَوتھا غول کھا گیا۔

5 اَے متوالو جاگو اور ماتم کرو!

اَے مَے نوشی کرنے والو نئی مَے کے لِئے چِلاّؤ

کیونکہ وہ تُمہارے مُنہ سے چِھن گئی ہے۔

6 کیونکہ میرے مُلک پر ایک قَوم چڑھ آئی ہے

جِس کے لوگ زورآور اور بے شُمار ہیں ۔

اُن کے دانت شیرِ بَبر کے سے ہیں اور اُن کی

داڑھیں شیرنی کی سی ہیں۔

7 اُنہوں نے میرے تاکِستان کو اُجاڑ ڈالا

اور میرے انجِیر کے درختوں کو توڑ ڈالا ہے ۔

اُنہوں نے اُن کو بِالکُل چِھیل چھال کر

پھینک دِیا ۔

اُن کی ڈالِیاں سفید نِکل آئِیں۔

8 تُم ماتم کرو

جِس طرح دُلہن اپنی جوانی کے شَوہر کے لِئے

ٹاٹ اوڑھ کر ماتم کرتی ہے۔

9 نذر کی قُربانی اور تپاون خُداوند کے گھر سے

مَوقُوف ہو گئے ۔

خُداوند کے خِدمت گُذار کاہِن ماتم کرتے ہیں۔

10 کھیت اُجڑ گئے ۔

زمِین ماتم کرتی ہے

کیونکہ غلّہ خراب ہو گیا ۔

نئی مَے ختم ہو گئی اور رَوغن ضائِع ہو گیا۔

11 اَے کِسانو خجالت اُٹھاؤ ۔

اَے تاکِستان کے باغبانو نَوحہ کرو

کیونکہ گیہُوں اور جَو

اور مَیدان کے تیّار کھیت برباد ہو گئے۔

12 تاک خُشک ہو گئی ۔ انجِیر کا درخت مُرجھا گیا ۔

انار اور کھجُور اور سیب کے درخت ہاں مَیدان

کے تمام درخت مُرجھا گئے

اور بنی آدم سے خُوشی جاتی رہی۔

13 اَے کاہِنو! کمریں کَس کر ماتم کرو ۔

اَے مذبح پر خِدمت کرنے والو واوَیلا کرو ۔

اَے میرے خُدا کے خادِمو آؤ رات بھر ٹاٹ اوڑھو

کیونکہ نذز کی قُربانی اور تپاون تُمہارے خُدا

کے گھر سے مَوقُوف ہو گئے۔

14 روزہ کے لِئے ایک دِن مُقدّس کرو ۔

مُقدّس محفِل فراہم کرو ۔

بزُرگوں اور مُلک کے تمام باشِندوں کو

خُداوند اپنے خُدا کے گھر میں جمع کر کے اُس

سے فریاد کرو۔

15 اُس روز پر افسوس! کیونکہ خُداوند کا روز

نزدِیک ہے ۔

وہ قادرِ مُطلق کی طرف سے بڑی ہلاکت کی مانِند

آئے گا۔

16 کیا ہماری آنکھوں کے سامنے روزی مَوقُوف

نہیں ہُوئی

اور ہمارے خُدا کے گھر سے خُوشی و شادمانی جاتی

نہیں رہی؟۔

17 بِیج ڈھیلوں کے نِیچے سڑ گیا ۔

غلّہ خانے خالی پڑے ہیں ۔

کھتّے توڑ ڈالے گئے کیونکہ کھیتی سُوکھ گئی۔

18 جانور کَیسے کراہتے ہیں! گائے بَیل کے گلّے

پریشان ہیں

کیونکہ اُن کے لِئے چراگاہ نہیں ہے ۔

ہاں بھیڑوں کے گلّے بھی نیست ہو گئے ہیں۔

19 اَے خُداوند مَیں تیرے حضُور فریاد کرتا ہُوں

کیونکہ آگ نے بیابان کی چراگاہوں کو جلا دِیا

اور شُعلہ نے مَیدان کے سب درختوں کو بھسم

کر دِیا ہے۔

20 جنگلی جانور بھی تیری طرف تکتے ہیں

کیونکہ پانی کی ندِیاں سُوکھ گئِیں اور آگ بیابان

کی چراگاہوں کو کھا گئی۔

ٹڈِّیوں کا حملہ …خُداوند کے دِن کی پیش آگاہی

یُوایل 2

1 صِیُّون میں نرسِنگا پُھونکو ۔

میرے کوہِ مُقدّس پرسانس باندھ کر زور سے پُھونکو ۔

مُلک کے تمام باشِندے تھرتھرائیں

کیونکہ خُداوند کا روز چلا آتا ہے بلکہ آ پُہنچا ہے۔

2 اندھیرے اور تارِیکی کا روز ۔

ابرِ سِیاہ اور ظُلمات کا روز ہے ۔

ایک بڑی اور زبردست اُمّت

جِس کی مانِند نہ کبھی ہُوئی

اور نہ سالہایِ دراز تک اُس کے بعد ہو گی

پہاڑوں پر صُبح صادِق کی طرح پَھیل جائے گی۔

3 گویا اُن کے آگے آگے آگ بھسم کرتی جاتی ہے

اور اُن کے پِیچھے پِیچھے شُعلہ جلاتا جاتا ہے ۔

اُن کے آگے زمِین باغِ عد ن کی مانِند ہے

اور اُن کے پِیچھے وِیران بیابان ہے ۔

ہاں اُن سے کُچھ نہیں بچتا۔

4 اُن کی نمُود گھوڑوں کی سی ہے

اور سواروں کی مانِند دَوڑتے ہیں۔

5 پہاڑوں کی چوٹِیوں پر رتھوں کے کھڑکھڑانے

اور بُھوسے کو بھسم کرنے والے شُعلۂِ آتِش

کے شور کی مانِند بُلند ہوتے ہیں ۔

وہ جنگ کے لِئے صف بستہ زبردست قَوم کی

مانِند ہیں۔

6 اُن کے رُوبرُو لوگ تھرتھراتے ہیں ۔

سب چِہروں کا رنگ فق ہو جاتا ہے۔

7 وہ پہلوانوں کی طرح دَوڑتے

اور جنگی مَردوں کی طرح دِیواروں پر چڑھ

جاتے ہیں ۔

سب اپنی اپنی راہ پر چلتے ہیں

اور صف نہیں توڑتے۔

8 وہ ایک دُوسرے کو نہیں دھکیلتے ۔

ہر ایک اپنی راہ پر چلا جاتا ہے ۔

وہ جنگی ہتھیاروں سے گُذر جاتے ہیں اور

بے ترتِیب نہیں ہوتے۔

9 وہ شہر میں کُود پڑتے

اور دِیواروں اور گھروں پر چڑھ کر

چوروں کی طرح کِھڑکیوں سے گُھس جاتے

ہیں۔

10 اُن کے سامنے زمِین و آسمان کانپتے اور تھرتھراتے

ہیں ۔

سُورج اور چاند تارِیک

اور سِتارے بے نُور ہو جاتے ہیں۔

11 اور خُداوند اپنے لشکر کے سامنے للکارتا ہے

کیونکہ اُس کا لشکر بے شُمار ہے اور اُس کے حُکم

کو انجام دینے والا زبردست ہے

کیونکہ خُداوند کا روزِ عظِیم نِہایت خَوفناک ہے ۔

کَون اُس کی برداشت کر سکتا ہے؟۔

تَوبہ کے لِئے بُلاہٹ

12 لیکن خُداوند فرماتا ہے

اب بھی پُورے دِل سے اور روزہ رکھ کر اور

گِریہ و زاری و ماتم کرتے ہُوئے میری

طرف رجُوع لاؤ۔

13 اور اپنے کپڑوں کو نہیں بلکہ دِلوں کو چاک کر کے

خُداوند اپنے خُدا کی طرف مُتوجّہِ ہو

کیونکہ وہ رحِیم و مِہربان قہر کرنے میں دِھیما اور

شفقت میں غنی ہے

اور عذاب نازِل کرنے سے باز رہتا ہے۔

14 کَون جانتا ہے کہ وہ باز رہے

اور برکت باقی چھوڑے

جو خُداوند تُمہارے خُدا کے لِئے نذر کی قُربانی

اور تپاون ہو۔

15 صِیُّون میں نرسِنگا پُھونکو

اور روزہ کے لِئے ایک دِن مُقدّس کرو ۔ مُقدّس

محفِل فراہم کرو۔

16 تُم لوگوں کو جمع کرو ۔ جماعت کو مُقدّس کرو ۔

بزُرگوں کو اِکٹّھا کرو ۔

بچّوں اور شِیرخواروں کو بھی فراہم کرو ۔

دُلہا اپنی کوٹھری سے اور دُلہن اپنے خلوت خانہ

سے نِکل آئے۔

17 کاہِن یعنی خُداوند کے خادِم ڈیوڑھی اور قُربان گاہ

کے درمِیان

گِریہ و زاری کریں

اور کہیں اَے خُداوند اپنے لوگوں پر رحم کر

اور اپنی مِیراث کی تَوہِین نہ ہونے دے ۔

اَیسا نہ ہو کہ دُوسری قَومیں اُن پر حُکومت کریں ۔

وہ اُمّتوں کے درمیان کیوں کہیں کہ اُن کا خُدا

کہاں ہے؟۔

خُدا زمِین کی زرخیزی بحال کرتا ہے

18 تب خُداوند کو اپنے مُلک کے لِئے غَیرت آئی

اور اُس نے اپنے لوگوں پر رحم کِیا۔

19 پِھر خُداوند نے اپنے لوگوں سے فرمایا

مَیں تُم کو اناج اور نئی مَے اور تیل عطا فرماؤُں گا

اور تُم اُن سے سیر ہو گے

اور مَیں پِھر تُم کو قَوموں میں رُسوا نہ کرُوں گا۔

20 اور شِمالی لشکر کو تُم سے دُور کرُوں گا

اور اُسے خُشک بیابان میں ہانک دُوں گا ۔

اُس کے اگلے مشرِقی سمُندر میں

اور پِچھلے مغرِبی سمُندر میں ہوں گے ۔

اُس سے بدبُو اُٹھے گی اور عفُونت پَھیلے گی

کیونکہ اُس نے بڑی گُستاخی کی ہے۔

21 اَے زمِین ہِراسان نہ ہو ۔

خُوشی اور شادمانی کر

کیونکہ خُداوند نے بڑے بڑے کام کِئے ہیں۔

22 اَے دشتی جانورو ہِراسان نہ ہو

کیونکہ بیابان کی چراگاہ سبز ہوتی ہے

اور درخت اپنا پَھل لاتے ہیں ۔

انجِیراور تاک اپنی پُوری پَیداوار دیتے ہیں۔

23 پس اَے بنی صِیُّون خُوش ہو

اور خُداوند اپنے خُدا میں شادمانی کرو

کیونکہ وہ تُم کو پہلی برسات اِعتدال سے بخشے گا ۔

وُہی تُمہارے لِئے بارِش یعنی پہلی اور پِچھلی برسات

بروقت بھیجے گا۔

24 یہاں تک کہ کھلِیہان گیہُوں سے بھر جائیں گے

اور حَوض نئی مَے اور تیل سے لبریز ہوں گے۔

25 اور اُن برسوں کا حاصِل

جو میری تُمہارے خِلاف بھیجی ہُوئی فَوجِ ملخ

نِگل گئی اور کھا کر چٹ کر گئی

تُم کو واپس دُوں گا۔

26 اور تُم خُوب کھاؤ گے اور سیر ہو گے

اور خُداوند اپنے خُدا کے نام کی

جِس نے تُم سے عجِیب سلُوک کِیا

سِتایش کرو گے

اور میرے لوگ ہرگِز شرمِندہ نہ ہوں گے۔

27 تب تُم جانو گے کہ مَیں اِسرائیل کے درمِیان ہُوں

اور مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں

اور کوئی دُوسرا نہیں

اور میرے لوگ کبھی شرمِندہ نہ ہوں گے۔

خُداوند کا دِن

28 اور اِس کے بعد مَیں ہر فردِ بشر پر اپنی رُوح نازِل

کرُوں گا

اور تُمہارے بیٹے بیٹِیاں نبُوّت کریں گے ۔

تُمہارے بُوڑھے خواب

اور جوان رویا دیکھیں گے۔

29 بلکہ مَیں اُن ایّام میں

غُلاموں اور لَونڈیوں پر

اپنی رُوح نازِل کرُوں گا۔

30 اور مَیں زمِین و آسمان میں عجائِب ظاہِر کرُوں گا

یعنی خُو ن اور آگ اور دُھوئیں کے سُتُون۔

31 اِس سے پیشتر کہ خُداوند کا خَوفناک روزِ عظِیم آئے

آفتاب تارِیک

اور مہتاب خُون ہو جائے گا۔

32 اور جو کوئی خُداوند کا نام لے گا نجات پائے گا

کیونکہ کوہِ صِیُّون اور یروشلیِم میں جَیسا خُداوند

نے فرمایا ہے

بچ نِکلنے والے ہوں گے

اور باقی لوگوں میں وہ جِن کو خُداوند بُلاتا ہے۔

یُوایل 3

خُدا قَوموں کی عدالت کرے گا

1 اُن ایّام میں اور اُسی وقت جب مَیں یہُودا ہ اور

یروشلیِم کے اسِیروں کو واپس لاؤُں گا۔

2 تو سب قَوموں کو جمع کرُوں گا اور اُن کو یہُوسفط کی

وادی میں اُتار لاؤُں گا

اور وہاں اُن پر اپنی قَوم اور مِیراث اِسرائیل کے

لِئے جِن کو اُنہوں نے قَوموں کے درمیان

پراگندہ کِیا

اور میرے مُلک کو بانٹ لِیا حُجّت ثابِت کرُوں گا۔

3 ہاں اُنہوں نے میرے لوگوں پر قُرعہ ڈالا

اور ایک کسبی کے بدلے ایک لڑکا دِیا اور مَے

کے لِئے ایک لڑکی بیچی

تاکہ مَیخواری کریں۔

4 پس اَے صُور و صَیدا اور فلِستِین کے تمام علاقو میرے لِئے تُمہاری کیا حقِیقت ہے؟ کیا تُم مُجھ کو بدلہ د و گے؟ اور اگر دو گے تو مَیں وہِیں فَوراً تُمہارا بدلہ تُمہارے سر پر پھینک دُوں گا۔

5 چُونکہ تُم نے میرا سونا چاندی لے لِیا ہے اور میری لطِیف و نفِیس چِیزیں اپنے مَندروں میں لے گئے ہو۔

6 اور تُم نے یہُودا ہ اور یروشلیِم کی اَولاد کو یُونانیوں کے ہاتھ بیچا ہے تاکہ اُن کو اُن کی حدُود سے دُور کرو۔

7 اِس لِئے مَیں اُن کو اُس جگہ سے جہاں تُم نے بیچا ہے برانگیختہ کرُوں گا اور تُمہارا بدلہ تُمہارے سر پر لاؤُں گا۔

8 اور تُمہارے بیٹے بیٹِیوں کو بنی یہُوداہ کے ہاتھ بیچُوں گا اور وہ اُن کو اہِلِ سبا کے ہاتھ جو دُور کے مُلک میں رہتے ہیں بیچیں گے کیونکہ یہ خُداوند کا فرمان ہے۔

9 قَوموں کے درمیان اِس بات کی مُنادی کرو ۔

لڑائی کی تیّاری کرو ۔

بہادُروں کو برانگیختہ کرو ۔

جنگی جوان حاضِر ہوں ۔ وہ چڑھائی کریں۔

10 اپنے ہل کی پھالوں کو پِیٹ کر تلواریں بناؤ

اور ہنسوؤں کو پِیٹ کر بھالے ۔

کمزور کہے کہ مَیں زورآور ہُوں۔

11 اَے اِردگِرد کی سب قَومو جلد آ کر جمع ہو جاؤ ۔

اَے خُداوند اپنے بہادُروں کو وہاں بھیج دے۔

12 قَومیں برانگیختہ ہوں اور یہُوسفط کی وادی میں آئیں

کیونکہ مَیں وہاں بَیٹھ کر

اِردگِرد کی سب قَوموں کی عدالت کرُوں گا۔

13 ہنسوا لگاؤ کیونکہ کھیت پک گیا ہے ۔

آؤ رَوندو

کیونکہ حَوض لبالب

اور کولھُو لبریز ہیں

کیونکہ اُن کی شرارت عظِیم ہے۔

14 گروہ پر گروہ اِنفصا ل کی وادی میں ہے

کیونکہ خُداوندکا دِن اِنفصا ل کی وادی میں

آ پُہنچا۔

15 سُورج اور چاند تارِیک ہو جائیں گے

اور سِتاروں کا چمکنا بند ہو جائے گا۔

خُدااپنی اُمّت کو برکت بخشے گا

16 کیونکہ خُداوندصِیّوُن سے نعرہ مارے گا

اور یروشلیِم سے آواز بُلند کرے گا

اور آسمان و زمِین کانپیں گے

لیکن خُداوند اپنے لوگوں کی پناہ گاہ اور

بنی اِسرائیل کا قلعہ ہے۔

17 پس تُم جانو گے کہ مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں

جو صِیُّون میں اپنے کوہِ مُقدّس پر رہتا ہُوں ۔

تب یروشلیِم بھی مُقدّس ہو گا

اور پِھر اُس میں کِسی اجنبی کا گُذر نہ ہو گا۔

18 اور اُس روز پہاڑوں پر سے نئی مَے ٹپکے گی

اور ٹِیلوں پر سے دُودھ بہے گا

اور یہُودا ہ کی سب ندیوں میں پانی جاری ہو گا

اور خُداوند کے گھر سے ایک چشمہ پُھوٹ نِکلے گا

اور وادیِ شِطِّیم کو سیراب کرے گا۔

19 مِصر وِیرانہ ہو گا اور ادُو م سُنسان بیابان

کیونکہ اُنہوں نے بنی یہُوداہ پر ظُلم کِیا

اور اُن کے مُلک میں بے گُناہوں کا خُون بہایا۔

20 لیکن یہُودا ہ ہمیشہ آباد اور یروشلیِم پُشت در پُشت

قائِم رہے گا۔

21 کیونکہ مَیں اُن کا خُون پاک قرار دُوں گا

جو مَیں نے اب تک پاک قرار نہ دِیا تھا

کیونکہ خُداوند صِیُّون میں سکُونت پذِیر ہے۔

ہوسیعَِ 1

1 شاہانِ یہُودا ہ عُزِّیّاہ اور یُوتام اور آخز اورحِزقیاہ اور شاہِ اِسرائیل یُربعا م بِن یُوآس کے ایّام میں خُداوند کا کلام ہوسِیعَ بِن بیر ی پر نازِل ہُؤا۔

ہوسِیعَ کی بِیوی اور اَولاد

2 جب خُداوند نے شرُوع میں ہوسِیع َ کی معرفت کلام کِیاتو اُس کو فرمایا کہ جا ایک بدکار بِیوی اور بدکاری کی اَولاد اپنے لِئے لے کیونکہ مُلک نے خُداوند کو چھوڑکر بڑی بدکاری کی ہے۔

3 پس اُس نے جا کر جُمر بِنت دِبلائِیم کو لِیا ۔ وہ حامِلہ ہُوئی اور بیٹا پَیدا ہُؤا۔

4 اور خُداوند نے اُسے کہا اُس کا نام یزرعیل رکھ کیونکہ مَیں عنقرِیب ہی یاہُو کے گھرانے سے یِزرعیل کے خُون کا بدلہ لُوں گا اور اِسرائیل کے گھرانے کی سلطنت کوتمام کرُوں گا۔

5 اور اُسی وقت یِزرعیل کی وادی میں اِسرائیل کی کمان توڑُوں گا۔

6 اور وہ پِھر حامِلہ ہُوئی اور بیٹی پَیدا ہُوئی اورخُداوند نے اُسے فرمایا کہ اُس کا نام لورُحا مہ رکھ کیونکہ مَیں اِسرائیل کے گھرانے پر پِھر رحم نہ کرُوں گا کہ اُن کو مُعاف کرُوں۔

7 لیکن یہُودا ہ کے گھرانے پر رحم کرُوں گا اور مَیں خُداونداُن کا خُدا اُن کو رہائی دُوں گا اور اُن کو کمان اور تلواراور لڑائی اور گھوڑوں اور سواروں کے وسِیلہ سے نہیں چُھڑاؤُں گا۔

8 اور لورُ حامہ کا دُودھ چُھڑانے کے بعد وہ پِھر حامِلہ ہُوئی اور بیٹا پَیدا ہُؤا۔

9 اور اُس نے فرمایا کہ اُس کا نام لوعمّی رکھ کیونکہ تُم میرے لوگ نہیں ہو اور مَیں تُمہارا نہیں ہُوں گا۔ بنی اِسرائیل کوبحال کِیا جائے گا

10 تَو بھی بنی اِسرائیل دریا کی ریت کی مانِند بے شُمار و بے قِیاس ہوں گے اور جہاں اُن سے یہ کہا جاتا تھا کہ تُم میرے لوگ نہیں ہو زِندہ خُدا کے فرزند کہلائیں گے۔

11 اور بنی یہُوداہ اور بنی اِسرائیل باہم فراہم ہوں گے اور اپنے لِئے ایک ہی سردار مُقرّر کریں گے اور اِس مُلک سے خُرُوج کریں گے کیونکہ یزرعیل کا دِن عظِیم ہو گا۔

ہوسیعَِ 2

1 اپنے بھائِیوں سے عمّی کہو اور اپنی بہِنوں سے رُحامہ۔

بے وفا جمُر -بے وفا اِسرا ئیل

2 تُم اپنی ماں سے حُجّت کرو کیونکہ نہ وہ میری بِیوی ہے اور نہ مَیں اُس کا شَوہر ہُوں کہ وہ اپنی بدکاری اپنے سامنے سے اور اپنی زِناکاری اپنے پِستانوں سے دُورکرے۔

3 اَیسا نہ ہو کہ مَیں اُسے بے پردہ کرُوں اور اُس طرح ڈال دُوں جِس طرح وہ اپنی پَیدایش کے دِن تھی اور اُس کوبیابان اور خُشک زمِین کی مانِند بنا کر پِیاس سے مارڈالُوں۔

4 مَیں اُس کے بچّوں پر رحم نہ کرُوں گا کیونکہ وہ حلال زادہ نہیں ہیں۔

5 اُن کی ماں نے چِھنالا کِیا ۔ اُن کی والِدہ نے رُوسِیاہی کی کیونکہ اُس نے کہا مَیں اپنے یاروں کے پِیچھے جاؤُں گی جو مُجھ کو روٹی پانی اور اُونی اور کتانی کپڑے اور رَوغن و شربت دیتے ہیں۔

6 اِس لِئے دیکھو مَیں اُس کی راہ کانٹوں سے بند کرُوں گااور اُس کے سامنے دِیوار بنا دُوں گا تاکہ اُسے راستہ نہ مِلے۔

7 اور وہ اپنے یاروں کے پِیچھے جائے گی پر اُن سے جا نہ مِلے گی اور اُن کو ڈُھونڈے گی پر نہ پائے گی۔ تب وہ کہے گی مَیں اپنے پہلے شَوہر کے پاس واپس جاؤُں گی کیونکہ میری وہ حالت اب سے بِہتر تھی۔

8 کیونکہ اُس نے نہ جانا کہ مَیں ہی نے اُسے غلّہ ومَے اور رَوغن دِیا اور سونے چاندی کی فراوانی بخشی جِس کواُنہوں نے بعل پر خرچ کِیا۔

9 اِس لِئے مَیں اپنا غلّہ فصل کے وقت اور اپنی مَے کواُس کے موسِم میں واپس لے لُوں گا اور اپنے اُونی اور کتانی کپڑے جو اُس کی سترپوشی کرتے چِھین لُوں گا۔

10 اب مَیں اُس کی فاحِشہ گری اُس کے یاروں کے سامنے فاش کرُوں گا اور کوئی اُس کو میرے ہاتھ سے نہیں چُھڑائے گا۔

11 علاوہ اِس کے مَیں اُس کی تمام خُوشیوں اور جشنوں اورنئے چاند اور سبت کے ایّام اور تمام مُعیّن عِیدوں کو مَوقُوف کرُوں گا۔

12 اور مَیں اُس کے انگُور اور انجِیر کے درختوں کو جِن کی بابت اُس نے کہا ہے یہ میری اُجرت ہے جو میرے یاروں نے مُجھے دی ہے برباد کرُوں گا اور اُن کو جنگل بناؤُں گااور جنگلی جانور اُن کو کھائیں گے۔

13 اور خُداوند فرماتا ہے مَیں اُسے بعلِیم کے ایّام کے لِئے سزا دُوں گا جِن میں اُس نے اُن کے لِئے بخُور جلایاجب وہ بالِیوں اور زیوروں سے آراستہ ہو کر اپنے یاروں کے پِیچھے گئی اور مُجھے بُھول گئی۔

اپنے لوگوں کے لِئے خُداوند کی مُحبّت

14 تَو بھی مَیں اُسے فریفتہ کر لُوں گا اور بیابان میں لا کر اُس سے تسلّی کی باتیں کہُوں گا۔

15 اور وہاں سے اُس کے تاکِستان اُسے دُوں گا اور عکُور کی وادی بھی تاکہ وہ اُمّید کا دروازہ ہو اور وہ وہاں گایا کرے گی جَیسے اپنی جوانی کے ایّام میں اور مُلکِ مِصر سے نِکل آنے کے دِنوں میں گایا کرتی تھی۔

16 اور خُداوند فرماتا ہے تب وہ مُجھے اِیشی کہے گی اور پِھر بعلی نہ کہے گی۔

17 کیونکہ مَیں بعلِیم کے نام اُس کے مُنہ سے دُور کرُوں گااور پِھر کبھی اُن کا نام نہ لِیا جائے گا۔

18 تب مَیں اُن کے لِئے جنگلی جانوروں اور ہوا کے پرِندوں اور زمِین پر رینگنے والوں سے عہد کرُوں گا اور کمان اورتلوار اور لڑائی کو مُلک سے نیست کرُوں گا اور لوگوں کوامن و امان سے لیٹنے کا مَوقع دُوں گا۔

19 اور تُجھے اپنی ابدی نامزد کرُوں گا ۔

ہاں تُجھے صداقت اور عدالت

اور شفقت و رحمت سے اپنی نامزد کرُوں گا۔

20 مَیں تُجھے وفاداری سے اپنی نامزد بناؤُں گا

اور تُوخُداوند کو پہچانے گی۔

21 اور اُس وقت مَیں سنُوں گا خُداوند فرماتا ہے ۔

مَیںآسمان کی سنُوں گااور آسمان زمِین کی

سُنے گا۔

22 اور زمِین اناج اور مَے اور تیل کی سُنے گی اور وہ

یِزرعیل کی سُنیں گے۔

23 اور مَیں اُس کو اُس سرزمِین میں اپنے لِئے بوؤُں گا

اور لورُ حامہ پر رحم کرُوں گا

اور لوعمّی سے کہُوں گاتُم میرے لوگ ہو

اور وہ کہیں گے اَے ہمارے خُدا!۔

ہوسیعَِ 3

ہوسِیعَ اوربے وفا عَورت

1 خُداوند نے مُجھے فرمایا جا اُس عَورت سے جو اپنے یار کی پِیاری اور بدکار ہے مُحبّت رکھ جِس طرح کہ خُداوندبنی اِسرائیل سے جو غَیر معبُودوں پر نِگاہ کرتے ہیں اور کِشمِش کے کُلچے چاہتے ہیں مُحبّت رکھتا ہے۔

2 سو مَیں نے اُسے پندرہ رُوپیہ اور ڈیڑھ خومر جَو دے کر اپنے لِئے مول لِیا۔

3 اور اُسے کہا تُو مُدّتِ دراز تک مُجھ پر قناعت کرے گی اور حرامکاری سے باز رہے گی اور کِسی دُوسرے کی بِیوی نہ بنے گی اور مَیں بھی تیرے لِئے یُوں ہی رہُوں گا۔

4 کیونکہ بنی اِسرائیل بُہت دِنوں تک بادشاہ اور حاکِم اور قُربانی اور سُتُون اور افُود اور تِرا فِیم کے بغَیررہیں گے۔

5 اِس کے بعد بنی اِسرائیل رجُوع لائیں گے اور خُداوند اپنے خُدا کو اور اپنے بادشاہ داؤُد کو ڈُھونڈیں گے اورآخِری دِنوں میں ڈرتے ہُوئے خُداوند اور اُس کی مِہربانی کے طالِب ہوں گے۔

ہوسیعَِ 4

خُداوند کا اِسرا ئیل پر اِلزام

1 اَے بنی اِسرائیل خُداوند کا کلام سُنو کیونکہ اِس مُلک کے رہنے والوں سے خُداوند کا جھگڑا ہے کیونکہ یہ مُلک راستی و شفقت اور خُدا شناسی سے خالی ہے۔

2 بدزُبانی عہد شِکنی اور خُون ریزی اور چوری اور حرام کاری کے سِوا اَور کُچھ نہیں ہوتا ۔ وہ ظُلم کرتے ہیں اور خُون پر خُون ہوتا ہے۔

3 اِس لِئے مُلک ماتم کرے گا اور اُس کے تمام باشِندے جنگلی جانوروں اور ہوا کے پرِندوں سمیت ناتواں ہو جائیں گے بلکہ سمُندر کی مچھلیاں بھی غائِب ہو جائیں گی۔

خُداوند کاہِنوں کو مُلزم ٹھہراتا ہے

4 تَو بھی کوئی دُوسرے کے ساتھ بحث نہ کرے اور نہ کوئی اُسے اِلزام دے کیونکہ تیرے لوگ اُن کی مانِند ہیں جو کاہِن سے بحث کرتے ہیں۔

5 اِس لِئے تُو دِن کو گِر پڑے گا اور تیرے ساتھ نبی بھی رات کو گِرے گا اور مَیں تیری ماں کو تباہ کرُوں گا۔

6 میرے لوگ عدمِ معرفت سے ہلاک ہُوئے ۔ چُونکہ تُو نے معرفت کو رّد کِیا اِس لِئے مَیں بھی تُجھ کو رّد کرُوں گاتاکہ تُو میرے حضُور کاہِن نہ ہو اور چُونکہ تُو اپنے خُدا کی شرِیعت کو بُھول گیا ہے اِس لِئے مَیں بھی تیری اَولاد کو بُھول جاؤُں گا۔

7 جُوں جُوں وہ فراوان ہُوئے میرے خِلاف زِیادہ گُناہ کرنے لگے ۔ پس مَیں اُن کی حشمت کو رُسوائی سے بدل ڈالُوں گا۔

8 وہ میرے لوگوں کے گُناہ پر گُذران کرتے ہیں اور اُن کی بدکرداری کے آرزُومند ہیں۔

9 پس جَیسا لوگوں کا حال وَیسا ہی کاہِنوں کا حال ہوگا ۔ مَیں اُن کی روِش کی سزا اور اُن کے اعمال کا بدلہ اُن کو دُوں گا۔

10 چُونکہ اُن کو خُداوند کا خیال نہیں اِس لِئے وہ کھائیں گے پر آسُودہ نہ ہوں گے ۔ وہ بدکاری کریں گے لیکن زِیادہ نہ ہوں گے۔

خُداوند بُت پرستی کی مُذمّت کرتاہے

11 بدکاری اور مَے اور نئی مَے سے بصِیرت جاتی رہتی ہے۔

12 میرے لوگ اپنے کاٹھ کے پُتلے سے سوال کرتے ہیں ۔ اُن کالٹھ اُن کو جواب دیتا ہے کیونکہ بدکاری کی رُوح نے اُن کوگُمراہ کِیا ہے اور اپنے خُدا کی پناہ کو چھوڑ کر بدکاری کرتے ہیں۔

13 پہاڑوں کی چوٹِیوں پر وہ قُربانِیاں گُذرانتے ہیں اورٹِیلوں پر اور بلُوط و چنار و بطم کے نِیچے بخُور جلاتے ہیں کیونکہ اُن کا سایہ اچّھا ہے ۔

پس بہُو بیٹِیاں بدکاری کرتی ہیں۔

14 جب تُمہاری بہُو بیٹِیاں بدکاری کریں گی تو مَیں اُن کوسزا نہ دُوں گا کیونکہ وہ آپ ہی بدکاروں کے ساتھ خلوت میں جاتے ہیں اور کسبیوں کے ساتھ قُربانِیاں گُذرانتے ہیں ۔ پس جو لوگ دانِش سے خالی ہیں برباد کِئے جائیں گے۔

15 اَے اِسرائیل اگرچہ تُو بدکاری کرے تَو بھی اَیسانہ ہو کہ یہُودا ہ بھی گُنہگار ہو ۔ تُم جِلجا ل میں نہ آؤ اور بَیت آ ون پر نہ جاؤ اور خُداوند کی حیات کی قَسم نہ کھاؤ۔

16 کیونکہ اِسرائیل نے سرکش بچھیا کی مانِند سرکشی کی ہے ۔ اب خُداوند اُن کو کُشادہ جگہ میں برّہ کی مانِندچرائے گا۔

17 اِفرائِیم بُتوں سے مِل گیا ہے ۔ اُسے چھوڑ دو۔

18 وہ مَیخواری سے سیر ہو کر بدکاری میں مشغُول ہوتے ہیں۔ اُس کے حاکِم رُسوائی دوست ہیں۔

19 ہوا نے اُسے اپنے دامن میں اُٹھا لِیا ۔ وہ اپنی قُربانِیوں سے شرمِندہ ہوں گے۔

ہوسیعَِ 5

1 اَے کاہِنو یہ بات سُنو! اَے بنی اِسرائیل کان لگاؤ! اَے بادشاہ کے گھرانے سُنو! اِس لِئے کہ فتویٰ تُم پرہے کیونکہ تُم مِصفا ہ میں پھندا اور تبُور پر دام بنے ہو۔

2 باغی خُونریزی میں غرق ہیں لیکن مَیں اُن سب کی تادِیب کرُوں گا۔

3 مَیں اِفرائِیم کو جانتا ہُوں اور اِسرائیل بھی مُجھ سے چُھپا نہیں کیونکہ اَے اِفرائِیم تُو نے بدکاری کی ہے ۔ اِسرائیل نِجس ہُؤا۔

ہوسِیعَ بُت پرستی کے خِلاف خبردار کرتاہے

4 اُن کے اعمال اُن کو خُدا کی طرف رجُوع نہیں ہونے دیتے کیونکہ بدکاری کی رُوح اُن میں مَوجُود ہے اور وہ خُداوند کو نہیں جانتے۔

5 اور فخرِ اِسرائیل اُس کے مُنہ پر گواہی دیتا ہے اوراِسرائیل اور اِفرائِیم اپنی بدکرداری میں گِریں گے اور یہُودا ہ بھی اُن کے ساتھ گِرے گا۔

6 وہ اپنے ریوڑوں اور گلّوں کے وسِیلہ سے خُداوند کے طالِب ہوں گے لیکن اُس کو نہ پائیں گے ۔ وہ اُن سے دُورہو گیا ہے۔

7 اُنہوں نے خُداوند کے ساتھ بیوفائی کی کیونکہ اُن سے اجنبی بچّے پَیدا ہُوئے ۔ اب ایک مہِینے کا عرصہ اُن کی جائیداد سمیت اُن کو کھا جائے گا۔

یہُوداہ اور اِسرا ئیل کے درمِیان جنگ

8 جِبِعہ میں قرنا پُھونکو اور رامہ میں تُرہی ۔ بَیت آو ن میں للکارو کہ اَے بِنیمِین خبردار پِیچھے دیکھ!۔

9 تادِیب کے دِن اِفرائِیم وِیران ہو گا ۔ جو کُچھ یقِیناًہونے والا ہے مَیں نے اِسرائیلی قبائِل کو جتا دِیا ہے۔

10 یہُودا ہ کے اُمرا سرحدّوں کو سرکانے والوں کی مانِند ہیں ۔ مَیں اُن پر اپنا قہر پانی کی طرح اُنڈیلُوں گا۔

11 اِفرائِیم مظلُوم اور فتویٰ سے دبا ہے کیونکہ اُس نے تقلِید پر قناعت کی۔

12 پس مَیں اِفرائِیم کے لِئے کِیڑا ہُوں گا اور یہُودا ہ کے گھرانے کے لِئے گُھن۔

13 جب اِفرائِیم نے اپنی بِیماری اور یہُودا ہ نے اپنے زخم کو دیکھا تو اِفرائِیم اسُور کو گیا اور اُس مُخالِف بادشاہ کو دعوت دی لیکن وہ نہ تُم کو شِفا دے سکتا ہے اور نہ تُمہارے زخم کا اِندِمال کر سکتا ہے۔

14 کیونکہ مَیں اِفرائِیم کے لِئے شیرِ بَبر اور بنی یہُوداہ کے لِئے جوان شیر کی مانِند ہُوں گا ۔ مَیں ہاں مَیں ہی پھاڑُوں گا اور چلا جاؤُں گا ۔ مَیں اُٹھا لے جاؤُں گا اورکوئی چُھڑانے والا نہ ہو گا۔

15 مَیں روانہ ہُوں گا اور اپنے مسکن کو چلا جاؤُں گا جب تک کہ وہ اپنے گُناہوں کااِقرار کر کے میرے چِہرہ کے طالِب نہ ہوں ۔ وہ اپنی مُصِیبت میں بڑی سرگرمی سے میرے طالِب ہوں گے۔

ہوسیعَِ 6

لوگوں کی جُھوٹی تَوبہ

1 آؤ ہم خُداوند کی طرف رجُوع کریں کیونکہ اُسی نے پھاڑا ہے اور وُہی ہم کو شِفا بخشے گا ۔ اُسی نے ماراہے اور وُہی ہماری مرہم پٹّی کرے گا۔

2 وہ دو روز کے بعد ہم کو حیاتِ تازہ بخشے گا اور تِیسرے روز اُٹھا کھڑا کرے گا اور ہم اُس کے حضُور زِندگی بسرکریں گے۔

3 آؤ ہم دریافت کریں اور خُداوند کے عِرفان میں ترقّی کریں ۔ اُس کا ظہُور صُبح کی مانِند یقِینی ہے اور وہ ہمارے پاس برسات کی مانِند یعنی آخِری برسات کی مانِندجو زمِین کو سیراب کرتی ہے آئے گا۔

4 اَے افرائِیم مَیں تُجھ سے کیا کرُوں؟ اَے یہُودا ہ مَیں تُجھ سے کیا کرُوں؟ کیونکہ تُمہاری نیکی صُبح کے بادل اور شبنم کی مانِند جلد جاتی رہتی ہے۔

5 اِس لِئے مَیں نے اُن کو نبِیوں کے وسِیلہ سے کاٹ ڈالااور اپنے کلام سے قتل کِیا ہے اور میرا عدل نُور کی مانِندچمکتا ہے۔

6 کیونکہ مَیں قُربانی نہیں بلکہ رحم پسند کرتا ہُوں اور خُدا شناسی کو سوختنی قُربانِیوں سے زِیادہ چاہتا ہُوں۔

7 لیکن وہ عہد شِکن آدمِیوں کی مانِند ہیں ۔ اُنہوں نے وہاں مُجھ سے بیوفائی کی ہے۔

8 جِلعاد بدکرداری کی بستی ہے ۔وہ خُون آلُودہ ہے۔

9 جِس طرح سے رہزنوں کے غول کِسی آدمی کی گھات میں بَیٹھتے ہیں اُسی طرح کاہِنوں کے گروہ سِکم کی راہ میں قتل کرتی ہے ہاں اُنہوں نے بدکاری کی ہے۔

10 مَیں نے اِسرائیل کے گھرانے میں ایک ہَولناک چِیزدیکھی ۔ افرائِیم میں بدکاری پائی جاتی ہے اور اِسرائیل نجِس ہو گیا۔

11 اَے یہُودا ہ تیرے لِئے بھی کٹائی کا وقت مُقرّر ہے جب مَیں اپنے لوگوں کو اسِیری سے واپس لاؤُں گا۔

ہوسیعَِ 7

1 جب مَیں اِسرائیل کو شِفا بخشنے کو تھا تو اِفرائِیم کی بدکرداری اور سامر یہ کی شرارت ظاہِر ہُوئی کیونکہ وہ دغا کرتے ہیں ۔ اندر چور گُھس آئے ہیں اور باہر ڈاکوؤں کا غول لُوٹ رہا ہے۔

2 وہ یہ نہیں سوچتے کہ مُجھے اُن کی ساری شرارت معلُوم ہے ۔ اب اُن کے اعمال نے جو مُجھ پر عیاں ہیں اُن کو گھیر لِیا ہے۔

محلّ کے اندر سازِش

3 وہ بادشاہ کو اپنی شرارت اور اُمرا کو دروغگوئی سے خُوش کرتے ہیں۔

4 وہ سب کے سب بدکار ہیں ۔ وہ اُس تنُور کی مانِند ہیں جِس کو نانبائی گرم کرتا ہے اور آٹا گُوندھنے کے وقت سے خمِیر اُٹھنے تک آگ بھڑکانے سے باز رہتا ہے۔

5 ہمارے بادشاہ کے جشن کے روز اُمرا تو گرمیِ مَے سے بِیمار ہُوئے اور وہ ٹھٹّھا بازوں کے ساتھ بے تکلُّف ہُؤا۔

6 گھات میں بَیٹھے اُن کے دِل تنُور کی مانِند ہیں ۔ اُن کا قہر رات بھر سُلگتا رہتا ہے ۔ وہ صُبح کے وقت آگ کی مانِند بھڑکتا ہے۔

7 وہ سب کے سب تنُور کی مانِند دہکتے ہیں اور اپنے قاضِیوں کو کھا جاتے ہیں ۔ اُن کے سب بادشاہ مارے گئے ۔ اُن میں کوئی نہ رہا جو مُجھ سے دُعا کرے۔ اِسرا ئیل اور دُوسری قَومیں

8 اِفرائِیم دُوسرے لوگوں سے مِل جُل گیا ۔ اِفرائِیم ایک چپاتی ہے جو اُلٹائی نہ گئی۔

9 اجنبی اُس کی توانائی کو نِگل گئے اور اُس کو خبر نہیں اور بال سفید ہونے لگے پر وہ بے خبر ہے۔

10 اور فخرِ اِسرائیل اُس کے مُنہ پر گواہی دیتا ہے تَو بھی وہ خُداوند اپنے خُدا کی طرف رجُوع نہیں لائے اور باوُجُود اِس سب کے اُس کے طالِب نہیں ہُوئے۔

11 اِفرائِیم بے وقُوف و بے دانِش فاختہ ہے ۔ وہ مِصر کی دُہائی دیتے اور اسُور کو جاتے ہیں۔

12 جب وہ جائیں گے تو مَیں اُن پر اپنا جال پَھیلا دُوں گا ۔ اُن کو ہوا کے پرِندوں کی مانِند نِیچے اُتارُوں گا اورجَیسا اُن کی جماعت سُن چُکی ہے اُن کی تادِیب کرُوں گا۔

13 اُن پر افسوس! کیونکہ وہ مُجھ سے آوارہ ہو گئے ۔ وہ برباد ہوں! کیونکہ وہ مُجھ سے باغی ہُوئے ۔ اگرچہ مَیں اُن کا فِدیہ دینا چاہتا ہُوں وہ میرے خِلاف دروغگوئی کرتے ہیں۔

14 اور وہ حضُورِ قلب کے ساتھ مُجھ سے فریاد نہیں کرتے بلکہ اپنے بِستروں پر پڑے چِلاّتے ہیں ۔ وہ اناج اور مَے کے لِئے تو جمع ہو جاتے ہیں پر مُجھ سے باغی رہتے ہیں۔

15 اگرچہ مَیں نے اُن کی تربِیّت کی اور اُن کو قَوی بازُو کِیا تَو بھی وہ میرے حق میں بداندیشی کرتے ہیں۔

16 وہ رجُوع ہوتے ہیں پر حق تعالیٰ کی طرف نہیں ۔ وہ دغا دینے والی کمان کی مانِند ہیں ۔ اُن کے اُمرا اپنی زُبان کی گُستاخی کے سبب سے تہِ تَیغ ہوں گے ۔ اِس سے مُلکِ مِصر میں اُن کی ہنسی ہو گی۔