متّی 28

یِسُوع کا جی اُٹھنا

1 اور سبت کے بعد ہفتہ کے پہلے دِن پَو پھٹتے وقت مر یم مگدلِینی اور دُوسری مر یم قبر کو دیکھنے آئِیں۔

2 اور دیکھو ایک بڑا بَھونچال آیا کیونکہ خُداوند کا فرِشتہ آسمان سے اُترا اور پاس آکر پتّھر کو لُڑھکا دِیا اور اُس پر بَیٹھ گیا۔

3 اُس کی صُورت بِجلی کی مانِند تھی اور اُس کی پوشاک برف کی مانِند سفید تھی۔

4 اور اُس کے ڈر سے نِگہبان کانپ اُٹھے اور مُردہ سے ہو گئے۔

5 فرِشتہ نے عَورتوں سے کہا تُم نہ ڈرو کیونکہ مَیں جانتا ہُوں کہ تُم یِسُو ع کو ڈھُونڈتی ہو جو مصلُوب ہُؤا تھا۔

6 وہ یہاں نہیں ہے کیونکہ اپنے کہنے کے مُطابِق جی اُٹھا ہے ۔ آؤ یہ جگہ دیکھو جہاں خُداوند پڑا تھا۔

7 اور جلد جا کر اُس کے شاگِردوں سے کہو کہ وہ مُردوں میں سے جی اُٹھا ہے اور دیکھو وہ تُم سے پہلے گلِیل کو جاتا ہے ۔وہاں تُم اُسے دیکھو گے ۔ دیکھو مَیں نے تُم سے کہہ دِیا ہے۔

8 اور وہ خَوف اور بڑی خُوشی کے ساتھ قبر سے جلد روانہ ہو کر اُس کے شاگِردوں کو خبر دینے دوڑِیں۔

9 اور دیکھو یِسُو ع اُن سے مِلا اور اُس نے کہا سلام! اُنہوں نے پاس آ کر اُس کے قدم پکڑے اور اُسے سِجدہ کِیا۔

10 اِس پر یِسُو ع نے اُن سے کہا ڈرو نہیں ۔ جاؤ میرے بھائِیوں سے کہو کہ گلِیل کو چلے جائیں ۔ وہاں مُجھے دیکھیں گے۔

پہریداروں کا بیان

11 جب وہ جا رہی تِھیں تو دیکھو پہرے والوں میں سے بعض نے شہر میں آ کر تمام ماجرا سردار کاہِنوں سے بیان کِیا۔

12 اور اُنہوں نے بُزُرگوں کے ساتھ جمع ہو کر مشور َہ کِیا اور سِپاہیوں کو بُہت سا رُوپَیہ دے کر کہا۔

13 یہ کہہ دینا کہ رات کو جب ہم سو رہے تھے اُس کے شاگِرد آ کر اُسے چُرا لے گئے۔

14 اور اگر یہ بات حاکِم کے کان تک پُہنچی تو ہم اُسے سمجھا کر تُم کو خطرہ سے بچا لیں گے۔

15 پس اُنہوں نے رُوپَیہ لے کرجَیسا سِکھایا گیا تھا وَیسا ہی کِیا اور یہ بات آج تک یہُودِیوں میں مشہُور ہے۔

یِسُوع اپنے شاگِردوں پر ظاہر ہوتا ہے

16 اور گیارہ شاگِرد گلِیل کے اُس پہاڑ پر گئے جو یِسُو ع نے اُن کے لِئے مُقرّر کِیا تھا۔

17 اور اُنہوں نے اُسے دیکھ کر سِجدہ کِیا مگر بعض نے شک کِیا۔

18 یِسُو ع نے پاس آ کر اُن سے باتیں کِیں اور کہا کہ آسمان اور زمِین کا کُل اِختِیار مُجھے دِیا گیا ہے۔

19 پس تُم جا کر سب قَوموں کو شاگِرد بناؤ اور اُن کوباپ اور بیٹے اور رُوحُ القُدس کے نام سے بپتِسمہ دو۔

20 اور اُن کو یہ تعلِیم دو کہ اُن سب باتوں پر عمل کریں جِن کا مَیں نے تُم کو حُکم دِیا اور دیکھو مَیں دُنیا کے آخِر تک ہمیشہ تُمہارے ساتھ ہُوں۔

ملاکی 1

1 خُداوند کی طرف سے ملاکی کی معرفت اِسرائیل کے لِئے بارِ نبُوّت -:۔

اِسرا ئیل کے لِئے خُداوند کی مُحبّت

2 خُداوند فرماتا ہے مَیں نے تُم سے مُحبّت رکھّی

تَو بھی تُم کہتے ہو تُو نے کِس بات میں ہم سے محبّت ظاہِر کی؟

خُداوند فرماتا ہے کیا عیسَو یعقُوب کا بھائی نہ تھا؟ لیکن مَیں نے یعقُوب سے مُحبّت رکھّی۔

3 اور عیسَو سے عداوت رکھّی اور اُس کے پہاڑوں کو وِیران کِیا اور اُس کی مِیراث بیابان کے گِیدڑوں کو دی۔

4 اگر ادُوم کہے ہم برباد تو ہُوئے پر وِیران جگہوں کو پِھر آ کر تعمِیر کریں گے تو ربُّ الافواج فرماتا ہے اگرچہ وہ تعمِیر کریں پر مَیں ڈھاؤُں گا اور لوگ اُن کا یہ نام رکھّیں گے شرارت کا مُلک ۔ وہ لوگ جِن پر ہمیشہ خُداوند کا قہر ہے۔

5 اور تُمہاری آنکھیں دیکھیں گی اور تُم کہو گے کہ خُداوند کی تمجِید اِسرائیل کی حدُود سے آگے تک ہو۔

خُداوند کاہِنوں کی سَرزنش کرتا ہے

6 ربُّ الافواج تُم کو فرماتا ہے اَے میرے نام کی تحقِیرکرنے والے کاہِنو! بیٹا اپنے باپ کی اور نَوکر اپنے آقاکی تعظِیم کرتا ہے ۔ پس اگر مَیں باپ ہُوں تو میری عِزّت کہاں ہے؟ اور اگر آقا ہُوں تو میرا خَوف کہاں ہے؟ پر تُم کہتے ہو ہم نے کِس بات میں تیرے نام کی تحقِیر کی؟۔

7 تُم میرے مذبح پر ناپاک روٹی گُذرانتے ہو اور کہتے ہو کہ ہم نے کِس بات میں تیری تَوہِین کی؟ اِسی میں جو کہتے ہو خُداوند کی میز حقِیرہے۔

8 جب تُم اندھے کی قُربانی کرتے ہو تو کُچھ بُرائی نہیں!اور جب لنگڑے اور بِیمار کو گُذرانتے ہو تو کُچھ نُقصان نہیں! اب یِہی اپنے حاکِم کی نذر کر ۔ کیا وہ تُجھ سے خُوش ہو گا اور تُو اُس کا منظُورِ نظر ہو گا؟ ربُّ الافواج فرماتا ہے۔

9 اب ذرا خُدا کو مناؤ تاکہ وہ ہم پر رحم فرمائے ۔ تُمہارے ہی ہاتھوں نے یہ گُذرانا ہے ۔ کیا تُم اُس کے منظُورِ نظر ہو گے؟ ربُّ الافواج فرماتا ہے۔

10 کاشکہ تُم میں کوئی اَیسا ہوتا جو دروازے بند کرتا اور تُم میرے مذبح پر عبث آگ نہ جلاتے! ربُّ الافواج فرماتا ہے مَیں تُم سے خُوش نہیں ہُوں اور تُمہارے ہاتھ کا ہدیہ ہرگِز قبُول نہ کرُوں گا۔

11 کیونکہ آفتاب کے طلُوع سے غرُوب تک قَوموں میں میرے نام کی تمجِید ہو گی اور ہر جگہ میرے نام پر بخُور جلائیں گے اور پاک ہدئے گُذرانیں گے کیونکہ قَوموں میں میرے نام کی تمجِید ہو گی ربُّ الافواج فرماتا ہے۔

12 لیکن تُم اِس بات میں اُس کی تَوہِین کرتے ہو کہ تُم کہتے ہو خُداوند کی میز پر کیا ہے! اُس پر کے ہدئے بے حقِیقت ہیں۔

13 اور تُم نے کہا یہ کَیسی زحمت ہے! اور اُس پر ناک چڑھائی ربُّ الافواج فرماتا ہے ۔ پِھر تُم لُوٹ کا مال اور لنگڑے اور بِیمار ذبِیحے لائے اور اِسی طرح کے ہدئے گُذرانے۔ کیا مَیں اِن کو تُمہارے ہاتھ سے قبُول کرُوں؟ خُداوندفرماتا ہے۔

14 لَعنت اُس دغاباز پر جِس کے گلّہ میں نر ہے پر خُداوندکے لِئے عَیب دار جانور کو نذر مان کر گُذرانتا ہے کیونکہ مَیں شاہِ عظِیم ہُوں اور قَوموں میں میرا نام مُہِیب ہے ربُّ الافواج فرماتا ہے۔

ملاکی 2

1 اور اب اَے کا ہِنو تُمہارے لِئے یہ حُکم ہے۔

2 ربُّ الافواج فرماتا ہے اگر تُم شِنوا نہ ہو گے اور میرے نام کی تمجِید کو مدِنظر نہ رکھّو گے تو مَیں تُم کو اور تُمہاری نِعمتوں کو ملعُون کرُوں گا بلکہ اِس لِئے کہ تُم نے اُسے مدِنظر نہ رکھّا مَیں ملعُون کر چُکا ہُوں۔

3 دیکھو مَیں تُمہارے بازُو بیکار کر دُوں گا اور تُمہارے مُنہ پر نجاست یعنی تُمہاری قُربانِیوں کی نجاست پھینکُوں گا اور تُم اُسی کے ساتھ پھینک دِئے جاؤ گے۔

4 اور تُم جان لو گے کہ مَیں نے تُم کو یہ حُکم اِس لِئے دِیا ہے کہ میرا عہد لاو ی کے ساتھ قائِم رہے ربُّ الافواج فرماتا ہے۔

5 اُس کے ساتھ میرا عہد زِندگی اور سلامتی کا تھا اورمَیں نے اُسے زِندگی اور سلامتی اِس لِئے بخشی کہ وہ ڈرتا رہے چُنانچہ وہ مُجھ سے ڈرا اور میرے نام سے ترسان رہا۔

6 سچّائی کی شرِیعت اُس کے مُنہ میں تھی اور اُس کے لبوں پر ناراستی نہ پائی گئی ۔ وہ میرے حضُور سلامتی اورراستی سے چلتا رہا اور وہ بُہتوں کو بدی کی راہ سے واپس لایا۔

7 کیونکہ لازِم ہے کہ کاہِن کے لب معرفت کو محفُوظ رکھّیں اور لوگ اُس کے مُنہ سے شرعی مسائِل پُوچھیں کیونکہ وہ ربُّ الافواج کا رسُول ہے۔

8 پر تُم راہ سے مُنحرِف ہو گئے ۔ تُم شرِیعت میں بُہتوں کے لِئے ٹھوکر کا باعِث ہُوئے ۔ تُم نے لاوی کے عہد کوخراب کِیا ربُّ الافواج فرماتا ہے۔

9 پس مَیں نے تُم کو سب لوگوں کی نظر میں ذلِیل اور حقِیر کِیا کیونکہ تُم میری راہوں پر قائِم نہ رہے بلکہ تُم نے شرعی مُعاملات میں رُو داری کی۔

خُدا سے لوگوں کی بے وفائی

10 کیا ہم سب کا ایک ہی باپ نہیں؟ کیا ایک ہی خُدا نے ہم سب کو پَیدا نہیں کِیا؟ پِھر کیوں ہم اپنے بھائِیوں سے بیوفائی کرکے اپنے باپ دادا کے عہد کی بے حُرمتی کرتے ہیں؟۔

11 یہُوداہ نے بیوفائی کی ۔اِسرائیل اور یرو شلِیم میں مکرُوہ کام ہُؤا ہے ۔ یہُوداہ نے خُداوند کی قدّوُسِیت کو جو اُس کو عزِیز تھی بے حُرمت کِیا اور ایک غَیر معبُود کی بیٹی بیاہ لایا۔

12 خُداوند اَیسا کرنے والے سے زِندہ اور جواب دہِندہ اور ربُّ الافواج کے حضُور قُربانی گُذراننے والے یعقُوب کے خَیموں سے مُنقطع کر دے گا۔

13 پِھر تُمہارے اعمال کے سبب سے خُداوند کے مذبح پر آہ و نالہ اور آنسُوؤں کی اَیسی کثرت ہے کہ وہ نہ تُمہارے ہدیہ کو دیکھے گا اور نہ تُمہارے ہاتھ کی نذر کو خُوشی سے قبُول کرے گا۔

14 تَو بھی تُم کہتے ہو کہ سبب کیا ہے؟ سبب یہ ہے کہ خُداوند تیرے اور تیری جوانی کی بِیوی کے درمِیان گواہ ہے ۔ تُو نے اُس سے بیوفائی کی ہے اگرچہ وہ تیری رفِیق اور منکُوحہ بِیوی ہے۔

15 اور کیا اُس نے ایک ہی کو پَیدا نہیں کیا باوُجُودیکہ اُس کے پاس اَور ارواح مَوجُود تھِیں؟ پِھر کیوں ایک ہی کو پَیدا کِیا؟ اِس لِئے کہ خُدا ترس نسل پَیدا ہو ۔ پس تُم اپنے نفس سے خبردار رہو اور کوئی اپنی جوانی کی بِیوی سے بیوفائی نہ کرے۔

16 کیونکہ خُداوند اِسرائیل کا خُدا فرماتا ہے مَیں طلاق سے بیزار ہُوں اور اُس سے بھی جو اپنی بِیوی پر ظُلم کرتا ہے ربُّ الافواج فرماتا ہے اِس لِئے تُم اپنے نفس سے خبردار رہو تاکہ بیوفائی نہ کرو۔

عدالت کا دِن قرِیب ہے

17 تُم نے اپنی باتوں سے خُداوند کو بیزار کر دِیا تَو بھی تُم کہتے ہو کِس بات میں ہم نے اُسے بیزار کِیا؟ اِسی میں جو کہتے ہو کہ ہر شخص جو بُرائی کرتا ہے خُداوند کی نظر میں نیک ہے اور وہ اُس سے خُوش ہے اور یہ کہ عدل کا خُدا کہاں ہے؟۔

ملاکی 3

1 دیکھو مَیں اپنے رسُول کو بھیجُوں گا اور وہ میرے آگے راہ درُست کرے گا اور خُداوند جِس کے تُم طالِب ہو ناگہان اپنی ہَیکل میں آ مَوجُود ہو گا ۔ ہاں عہد کا رسُول جِس کے تُم آرزُومند ہو آئے گا ربُّ الافواج فرماتا ہے۔

2 پر اُس کے آنے کے دِن کی کِس میں تاب ہے؟ اور جب اُس کا ظہُور ہو گا تو کَون کھڑا رہ سکے گا؟ کیونکہ وہ سُنار کی آگ اور دھوبی کے صابُون کی مانِند ہے۔

3 اور وہ چاندی کو تانے اور پاک صاف کرنے والے کی مانِند بَیٹھے گا اور بنی لاوی کو سونے اور چاندی کی مانِند پاک صاف کرے گا تاکہ وہ راستبازی سے خُداوند کے حضُور ہدئے گُذرانیں۔

4 تب یہُوداہ اور یروشلیِم کا ہدیہ خُداوند کو پسندآئے گا جَیسا ایّامِ قدِیم اور گُذشتہ زمانہ میں۔

5 اور مَیں عدالت کے لِئے تُمہارے نزدِیک آؤُں گا اورجادُوگروں اور بدکاروں اور جُھوٹی قَسم کھانے والوں کے خِلاف اور اُن کے خِلاف بھی جو مزدُوروں کو مزدُوری نہیں دیتے اور بیواؤں اور یتِیموں پر سِتم کرتے اور مُسافِروں کی حق تلفی کرتے ہیں اور مُجھ سے نہیں ڈرتے مُستعِد گواہ ہُوں گا ربُّ الافواج فرماتا ہے۔

دَہ یکیوں کی ادائیگی

6 کیونکہ مَیں خُداوند لاتبدِیل ہُوں اِسی لِئے اَے بنی یعقُوب تُم نیست نہیں ہُوئے۔

7 تُم اپنے باپ دادا کے ایّام سے میرے آئِین سے مُنحرِف رہے اور اُن کو نہیں مانا ۔ تُم میری طرف رجُوع ہو تو مَیں تُمہاری طرف رجُوع ہُوں گا ربُّ الافواج فرماتاہے لیکن تُم کہتے ہو کہ ہم کِس بات میں رجُوع ہوں؟۔

8 کیا کوئی آدمی خُدا کو ٹھگے گا؟ پر تُم مُجھ کو ٹھگتے ہو اور کہتے ہو ہم نے کِس بات میں تُجھے ٹھگا؟ دَہ یکی اور ہدیہ میں۔

9 پس تُم سخت ملعُون ہُوئے کیونکہ تُم نے بلکہ تمام قَوم نے مُجھے ٹھگا۔

10 پُوری دَہ یکی ذخِیرہ خانہ میں لاؤ تاکہ میرے گھر میں خُوراک ہو اور اِسی سے میرا اِمتحان کرو ربُّ الافواج فرماتا ہے کہ مَیں تُم پر آسمان کے درِیچوں کو کھول کربرکت برساتا ہُوں کہ نہیں یہاں تک کہ تُمہارے پاس اُس کے لِئے جگہ نہ رہے۔

11 اور مَیں تُمہاری خاطِر ٹِڈّی کو ڈانٹُوں گا اور وہ تُمہاری زمِین کے حاصِل کو برباد نہ کرے گی اور تُمہارے تاکِستانوں کا پَھل کچّا نہ جھڑ جائے گا ربُّ الافواج فرماتا ہے۔

12 اور سب قَومیں تُم کو مُبارک کہیں گی کیونکہ تُم دِلکُشامملکت ہو گے ربُّ الافواج فرماتا ہے۔

خُدا کا رحم کا وعدہ

13 خُداوند فرماتا ہے تُمہاری باتیں میرے خِلاف بُہت سخت ہیں تَو بھی تُم کہتے ہو ہم نے تیری مُخالفت میں کیا کہا؟۔

14 تُم نے تو کہا خُدا کی عِبادت کرنا عبث ہے ۔ ربُّ الافواج کے احکام پر عمل کرنا اور اُس کے حضُور ماتم کرنا لاحاصِل ہے۔

15 اور اب ہم مغرُوروں کو نیک بخت کہتے ہیں ۔ شرِیر برومند ہوتے ہیں اور خُدا کو آزمانے پر بھی رہائی پاتے ہیں۔

16 تب خُدا ترسوں نے آپس میں گُفتگُو کی اور خُداوند نے مُتوجّہِ ہو کر سُنا اور اُن کے لِئے جو خُداوند سے ڈرتے اور اُس کے نام کو یاد کرتے تھے اُس کے حضُور یادگار کا دفتر لِکھا گیا۔

17 ربُّ الافواج فرماتا ہے اُس روز وہ میرے لوگ بلکہ میری خاص مِلکِیّت ہوں گے اور مَیں اُن پر اَیسا رحِیم ہُوں گا جَیسا باپ اپنے خِدمت گُذار بیٹے پر ہوتا ہے۔

18 تب تُم رجُوع لاؤ گے اور صادِق اور شرِیر میں اور خُدا کی عِبادت کرنے والے اور نہ کرنے والے میں اِمتِیاز کرو گے۔

ملاکی 4

خُداوند کا دِن آنے کو ہے

1 کیونکہ دیکھو وہ دِن آتا ہے جو بھٹّی کی مانِند سوزان ہو گا ۔ تب سب مغرُور اور بدکردار بُھوسے کی مانِند ہوں گے اور وہ دِن اُن کو اَیسا جلائے گا کہ شاخ و بُن کُچھ نہ چھوڑے گا ربُّ الافواج فرماتا ہے۔

2 لیکن تُم پر جو میرے نام کی تعظِیم کرتے ہو آفتابِ صداقت طالع ہوگا اور اُس کی کِرنوں میں شِفا ہو گی اور تُم گاوخانہ کے بچھڑوں کی طرح کُودو پھاندو گے۔

3 اور تُم شرِیروں کو پایمال کرو گے کیونکہ اُس روز وہ تُمہارے پاؤں تلے کی راکھ ہوں گے ربُّ الافواج فرماتا ہے۔

4 تُم میرے بندہ مُوسیٰ کی شرِیعت یعنی اُن فرائِض و احکام کو جو مَیں نے حور ب پر تمام بنی اِسرائیل کے لِئے فرمائے یاد رکھّو۔

5 دیکھو خُداوند کے بزُرگ اور ہَولناک دِن کے آنے سے پیشتر مَیں ایلیّاہ نبی کو تُمہارے پاس بھیجُوں گا۔

6 اور وہ باپ کا دِل بیٹے کی طرف اور بیٹے کا باپ کی طرف مائِل کرے گا ۔ مبادا مَیں آؤُں اور زمِین کو ملعُون کرُوں۔

زکریاہ 1

خُداوند اپنے لوگوں کو اپنی طرف واپس بُلاتا ہے

1 دارا کے دُوسرے برس کے آٹھویں مہِینے میں خُداوندکا کلام زکریا ہ نبی بِن برکیاہ بِن عِدُّو پر نازِل ہُؤا۔

2 کہ خُداوند تُمہارے باپ دادا سے سخت ناراض رہا۔

3 اِس لِئے تُو اُن سے کہہ ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے کہ تُم میری طرف رجُوع ہو ربُّ الافواج کا فرمان ہے تو مَیں تُمہاری طرف رجُوع ہُوں گا ربُّ الافواج فرماتاہے۔

4 تُم اپنے باپ دادا کی مانِند نہ بنو جِن سے اگلے نبِیوں نے بآوازِ بُلند کہا ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے کہ تُم اپنی بُری روِش اور بد اعمالی سے باز آؤ پر اُنہوں نے نہ سُنا اور مُجھے نہ مانا خُداوند فرماتا ہے۔

5 تُمہارے باپ دادا کہاں ہیں؟ کیا انبیا ہمیشہ زِندہ رہتے ہیں؟۔

6 لیکن میرا کلام اور میرے آئِین جو مَیں نے اپنے خِدمت گُذار نبِیوں کو فرمائے تھے کیا وہ تُمہارے باپ دادا پر پُورے نہیں ہُوئے؟ چُنانچہ اُنہوں نے رجُوع لا کر کہا کہ ربُّ الافواج نے اپنے اِرادہ کے مُطابِق ہماری عادات اور ہمارے اعمال کا بدلہ دِیا ہے۔

نبی کی گھوڑوں کی رویا

7 دارا کے دُوسرے برس اور گیارھویں مہِینے یعنی ماہِ سبا ط کی چَوبِیسوِیں تارِیخ کو خُداوند کا کلام زکریاہ نبی بِن برکیاہ بِن عِدُّو پر نازِل ہُؤا۔

8 کہ مَیں نے رات کو رویا میں دیکھا کہ ایک شخص سُرنگ گھوڑے پر سوار مِہندی کے درختوں کے درمیان نشیب میں کھڑا تھا اور اُس کے پِیچھے سُرنگ اور کُمَیت اور نُقرہ گھوڑے تھے۔

9 تب مَیں نے کہا اَے میرے آقا یہ کیا ہیں؟

اِس پر فرِشتہ نے جو مُجھ سے گُفتگُو کرتا تھا کہا مَیں تُجھے دِکھاؤُں گا کہ یہ کیا ہیں۔

10 اور جو شخص مِہندی کے درختوں کے درمِیان کھڑا تھا کہنے لگا یہ وہ ہیں جِن کو خُداوند نے بھیجا ہے کہ ساری دُنیا میں سَیر کریں۔

11 اور اُنہوں نے خُداوند کے فرِشتہ سے جو مِہندی کے درختوں کے درمِیان کھڑا تھا کہا ہم نے ساری دُنیا کی سَیر کی ہے اور دیکھا کہ ساری زمِین میں امن و امان ہے۔

12 پِھر خُداوند کے فرِشتہ نے کہا اَے ربُّ الافواج تُو یروشلیِم اور یہُوداہ کے شہروں پر جِن سے تُو ستّر برس سے ناراض ہے کب تک رحم نہ کرے گا؟۔

13 اور خُداوند نے اُس فرِشتہ کو جو مُجھ سے گُفتگُو کرتا تھا مُلائِم اور تسلّی بخش جواب دِیا۔

14 تب اُس فرِشتہ نے جو مُجھ سے گُفتگُو کرتا تھا مُجھ سے کہا بُلند آواز سے کہہ ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے کہ مُجھے یروشلیِم اور صِیُّون کے لِئے بڑی غَیرت ہے۔

15 اور مَیں اُن قَوموں سے جو آرام میں ہیں نِہایت ناراض ہُوں کیونکہ جب مَیں تھوڑا ناراض تھا تو اُنہوں نے اُس آفت کو بُہت زِیادہ کر دِیا۔

16 اِس لِئے خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ مَیں رحمت کے ساتھ یروشلیِم کو واپس آیا ہُوں ۔ اُس میں میرا مسکن تعمِیر کِیا جائے گا ربُّ الافواج فرماتا ہے اور یروشلیِم پر پِھر سُوت کھینچا جائے گا۔

17 پِھر بُلند آواز سے کہہ ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے کہ میرے شہر دوبارہ خُوشحالی سے معمُور ہوں گے کیونکہ خُداوند پِھر صِیّون کو تسلّی بخشے گا اور یروشلیِم کو قبُول فرمائے گا۔

سیِنگوں کی رویا

18 پِھر مَیں نے آنکھ اُٹھا کر نِگاہ کی اور کیا دیکھتا ہُوں کہ چار سِینگ ہیں۔

19 اور مَیں نے اُس فرِشتہ سے جو مُجھ سے گُفتگُو کرتا تھا پُوچھا کہ یہ کیا ہیں؟

اُس نے مُجھے جواب دِیا یہ وہ سِینگ ہیں جِنہوں نے یہُوداہ اور اِسرائیل اور یروشلیِم کو پراگندہ کِیا ہے۔

20 پِھر خُداوند نے مُجھے چار کارِیگر دِکھائے۔

21 تب مَیں نے کہا یہ کیوں آئے ہیں؟

اُس نے جواب دِیا یہ وہ سِینگ ہیں جِنہوں نے یہُوداہ کو اَیسا پراگندہ کِیا کہ کوئی سر نہ اُٹھا سکا لیکن یہ اِس لِئے آئے ہیں کہ اُن کو ڈرائیں اور اُن قَوموں کے سِینگوں کو پست کریں جِنہوں نے یہُوداہ کے مُلک کو پراگندہ کرنے کے لِئے سِینگ اُٹھایا ہے۔

زکریاہ 2

جرِیب کی رویا

1 پِھر مَیں نے آنکھ اُٹھا کر نِگاہ کی اور کیا دیکھتا ہُوں کہ ایک شخص جرِیب ہاتھ میں لِئے کھڑا ہے۔

2 اور مَیں نے پُوچھا تُو کہاں جاتا ہے؟

اُس نے مُجھے جواب دِیا یروشلیِم کی پَیمایش کو تاکہ دیکُھوں کہ اُس کی چَوڑائی اور لمبائی کِتنی ہے۔

3 اور دیکھو وہ فرِشتہ جو مُجھ سے گُفتگُو کرتا تھا روانہ ہُؤا اور دُوسرا فرِشتہ اُس کے پاس آیا۔

4 اور اُس سے کہا دَوڑ اور اِس جوان سے کہہ کہ یروشلیِم اِنسان و حَیوان کی کثرت کے باعِث بے فصِیل بستِیوں کی مانِند آباد ہو گا۔

5 کیونکہ خُداوند فرماتا ہے مَیں اُس کے لِئے چاروں طرف آتِشی دِیوار ہُوں گا اور اُس کے اندر اُس کی شَوکت۔

جلاوطنوں کو واپس آنے کی پُکار

6 سُنو! خُداوند فرماتا ہے شِمال کی سرزمِین سے جہاں تُم آسمان کی چاروں ہواؤں کی مانِند پراگندہ کِئے گئے نِکل بھاگو خُداوند فرماتا ہے۔

7 اَے صِیُّون تُو جو دُخترِ بابل کے ساتھ بستی ہے نِکل بھاگ۔

8 کیونکہ ربُّ الافواج جِس نے مُجھے اپنے جلال کی خاطِراُن قَوموں کے پاس بھیجا ہے جِنہوں نے تُم کو غارت کِیا یُوں فرماتا ہے کہ

جو کوئی تُم کو چُھوتا ہے میری آنکھ کی پُتلی کو چُھوتا ہے۔

9 کیونکہ دیکھ مَیں اُن پر اپنا ہاتھ ہِلاؤُں گا اور وہ اپنے غُلاموں کے لِئے لُوٹ ہوں گے ۔

تب تُم جانو گے کہ ربُّ الافواج نے مُجھے بھیجا ہے۔

10 اَے دُخترِ صِیُّون تُو گا اور خُوشی کر کیونکہ دیکھ مَیں آ کر تیرے اندر سکُونت کرُوں گا خُداوند فرماتا ہے۔

11 اور اُس وقت بُہت سی قَومیں خُداوند سے میل کریں گی اور میری اُمّت ہوں گی اور مَیں تیرے اندر سکُونت کرُوں گا ۔ تب تُو جانے گی کہ ربُّ الافواج نے مُجھے تیرے پاس بھیجا ہے۔

12 اور خُداوند یہُوداہ کو مُلکِ مُقدّس میں اپنی مِیراث کا بخرہ ٹھہرائے گا اور یروشلیِم کو قبُول فرمائے گا۔

13 اَے بنی آدم خُداوند کے حضُور خاموش رہو کیونکہ وہ اپنے مُقدّس مسکن سے اُٹھا ہے۔

زکریاہ 3

سردارکاہِن کے بارے میں رویا

1 اور اُس نے مُجھے یہ دِکھایا کہ سردار کاہِن یشُوع خُداوند کے فرِشتہ کے سامنے کھڑا ہے اور شَیطان اُس کے دہنے ہاتھ اِستادہ ہے تاکہ اُس کا مُقابلہ کرے۔

2 اور خُداوند نے شَیطان سے کہا اَے شَیطان! خُداوند تُجھے ملامت کرے ۔ ہاں وہ خُداوند جِس نے یروشلیِم کو قبُول کِیا ہے تُجھے ملامت کرے ۔ کیا یہ وہ لُکٹی نہیں جو آگ سے نِکالی گئی ہے؟۔

3 اور یشُوع مَیلے کپڑے پہنے فرِشتہ کے سامنے کھڑا تھا۔

4 پِھر اُس نے اُن سے جو اُس کے سامنے کھڑے تھے کہا اِس کے مَیلے کپڑے اُتار دو اور اُس سے کہا دیکھ مَیں نے تیری بدکرداری تُجھ سے دُور کی اور مَیں تُجھے نفِیس پوشاک پہناؤُں گا۔

5 اور اُس نے کہا کہ اُس کے سر پر صاف عمامہ رکھّو تب اُنہوں نے اُس کے سر پر صاف عمامہ رکھّا اور پوشاک پہنائی اور خُداوند کا فرِشتہ اُس کے پاس کھڑا رہا۔

6 اور خُداوند کے فرِشتہ نے یشُوع سے تاکِید کر کے کہا۔

7 ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے کہ اگر تُو میری راہوں پر چلے اور میرے احکام پر عمل کرے تو میرے گھر پر حُکومت کرے گا اور میری بارگاہوں کا نِگہبان ہو گا اور مَیں تُجھے اِن میں جو یہاں کھڑے ہیں آنے جانے کی اِجازت دُوں گا۔

8 اب اَے یشُوع سردار کاہِن سُن تُو اور تیرے رفِیق جو تیرے سامنے بَیٹھے ہیں ۔ وہ اِس بات کا اِیما ہیں کہ مَیں اپنے بندہ یعنی شاخ کو لانے والا ہُوں۔

9 کیونکہ اُس پتّھر کو جو مَیں نے یشُوع کے سامنے رکھّا ہے دیکھ اُس پر سات آنکھیں ہیں ۔ دیکھ مَیں اِس پر کندہ کرُوں گا ربُّ الافواج فرماتا ہے اور مَیں اِس مُلک کی بدکرداری کو ایک ہی دِن میں دُور کرُوں گا۔

10 ربُّ الافواج فرماتا ہے اُسی روز تُم میں سے ہر ایک اپنے ہمسایہ کو تاک اور انجِیر کے نِیچے بُلائے گا۔

زکریاہ 4

شمعدان کی رویا

1 اور وہ فرِشتہ جو مُجھ سے باتیں کرتا تھا پِھر آیا اور اُس نے گویا مُجھے نِیند سے جگا دِیا۔

2 اور پُوچھا تُو کیا دیکھتا ہے؟

اور مَیں نے کہا کہ مَیں ایک سونے کا شمعدان دیکھتا ہُوں جِس کے سر پر ایک کٹورا ہے اور اُس کے اُوپر سات چراغ ہیں اور اُن ساتوں چراغوں پر اُن کی سات سات نلِیاں۔

3 اور اُس کے پاس زَیتُون کے دو درخت ہیں ایک تو کٹورے کی دہنی طرف اور دُوسرا بائِیں طرف۔

4 اور مَیں نے اُس فرِشتہ سے جو مُجھ سے کلام کرتا تھا پُوچھا اَے میرے آقا یہ کیا ہیں؟۔

5 تب اُس فرِشتہ نے جو مُجھ سے کلام کرتا تھا کہا کیا تُو نہیں جانتا یہ کیا ہیں؟ زرُبّابل کے ساتھ خُدا کا وعدہ

مَیں نے کہا نہیں اَے میرے آقا۔

6 تب اُس نے مُجھے جواب دِیا کہ یہ زرُبّا بل کے لِئے خُداوند کا کلام ہے کہ نہ تو زور سے اور نہ توانائی سے بلکہ میری رُوح سے ربُّ الافواج فرماتا ہے۔

7 اَے بڑے پہاڑ تُو کیا ہے؟ تُو زرُبّا بل کے سامنے مَیدان ہو جائے گا اور جب وہ چوٹی کا پتّھر نِکال لائے گا تو لوگ پُکاریں گے کہ اُس پر فضل ہو ۔ فضل ہو۔

8 پِھر خُداوند کا کلام مُجھ پر نازِل ہُؤا۔

9 کہ زرُبّا بل کے ہاتھوں نے اِس گھر کی نیو ڈالی اور اُسی کے ہاتھ اِسے تمام بھی کریں گے ۔ تب تُو جانے گا کہ ربُّ الافواج نے مُجھے تُمہارے پاس بھیجا ہے۔

10 کیونکہ کَون ہے جِس نے چھوٹی چِیزوں کے دِن کی تحقِیر کی ہے؟ کیونکہ خُداوند کی وہ سات آنکھیں جو ساری زمِین کی سَیر کرتی ہیں خُوشی سے اُس ساہُول کو دیکھتی ہیں جو زرُبّا بل کے ہاتھ میں ہے۔

11 تب مَیں نے اُس سے پُوچھا کہ یہ دونوں زَیتُون کے درخت جو شمعدان کے دہنے بائیں ہیں کیا ہیں؟۔

12 اور مَیں نے دوبارہ اُس سے پُوچھا کہ زَیتُون کی یہ دو شاخیں کیا ہیں جو سونے کی دو نلِیوں کے مُتّصِل ہیں جِن کی راہ سے سُنہلا تیل نِکلا چلا جاتا ہے؟۔

13 اُس نے مُجھے جواب دِیا کیا تُو نہیں جانتا یہ کیا ہیں؟ مَیں نے کہا نہیں اَے میرے آقا۔

14 اُس نے کہا یہ وہ دو ممسُوح ہیں جو ربُّ اُلعالمِین کے حضُور کھڑے رہتے ہیں۔

زکریاہ 5

اُڑتے ہُوئے طُومار کی رویا

1 پِھر مَیں نے آنکھ اُٹھا کر نظر کی اور کیا دیکھتا ہُوں کہ ایک اُڑتا ہُؤا طُومار ہے۔

2 اُس نے مُجھ سے پُوچھا تُو کیا دیکھتا ہے؟ مَیں نے جواب دِیا ایک اُڑتا ہُؤا طُومار دیکھتا ہُوں جِس کی لمبائی بِیس ہاتھ اور چَوڑائی دس ہاتھ ہے۔

3 پِھر اُس نے مُجھ سے کہا یہ وہ لَعنت ہے جو تمام مُلک پر نازِل ہونے کو ہے اور اِس کے مُطا بِق ہر ایک چور اور جُھوٹی قَسم کھانے والا یہاں سے کاٹ ڈالا جائے گا۔

4 ربُّ الافواج فرماتا ہے مَیں اُسے بھیجتا ہُوں اوروہ چور کے گھر میں اور اُس کے گھر میں جو میرے نام کی جُھوٹی قَسم کھاتا ہے گُھسے گا اور اُس کے گھر میں رہے گا اور اُسے اُس کی لکڑی اور پتّھر سمیت برباد کرے گا۔

ایفہ میں بَیٹھی عَورت کی رویا

5 اور وہ فرِشتہ جو مُجھ سے کلام کرتا تھا نِکلا اوراُس نے مُجھ سے کہا کہ اب تُو آنکھ اُٹھا کر دیکھ کیانِکل رہا ہے۔

6 مَیں نے پُوچھا یہ کیا ہے؟ اُس نے جواب دِیا یہ ایک ایفہ نِکل رہا ہے اور اُس نے کہا کہ تمام مُلک میں یِہی اُن کی شبِہیہ ہے۔

7 اور سِیسے کا ایک گول سرپوش اُٹھایا گیا اور ایک عَورت ایفہ میں بَیٹھی نظر آئی۔

8 اور اُس نے کہا کہ یہ شرارت ہے اور اُس نے اُس کو ایفہ میں نِیچے دبا کر سِیسے کے اُس سرپوش کو ایفہ کے مُنہ پر رکھ دِیا۔

9 پِھر مَیں نے آنکھ اُٹھا کر نِگاہ کی اور کیا دیکھتا ہُوں کہ دو عَورتیں نِکل آئِیں اور ہوا اُن کے بازُوؤں میں بھری تھی کیونکہ اُن کے لقلق کے سے بازُو تھے اور وہ ایفہ کو آسمان و زمِین کے درمِیان اُٹھا لے گئِیں۔

10 تب مَیں نے اُس فرِشتہ سے جو مُجھ سے کلام کرتا تھا پُوچھا کہ یہ ایفہ کو کہاں لِئے جاتی ہیں؟۔

11 اُس نے مُجھے جواب دِیا سِنعار کے مُلک کو تاکہ اِس کے لِئے گھر بنائیں اور جب وہ تیّار ہو تو یہ اپنی جگہ میں رکھّی جائے۔ چار رَتھوں کی رویا