پَیدایش 42

یُوسف کے بھائی اناج خریدنے مِصر کو جاتے ہیں

1 اور یعقُوب کو معلُوم ہُؤا کہ مِصر میں غلّہ ہے تب اُس نے اپنے بیٹوں سے کہا کہ تُم کیوں ایک دُوسرے کا مُنہ تاکتے ہو؟

2 ۔ دیکھو مَیں نے سُنا ہے کہ مِصر میں غلّہ ہے ۔ تُم وہاں جاؤ اور وہاں سے ہمارے لِئے اناج مول لے آؤ تاکہ ہم زِندہ رہیں اور ہلاک نہ ہوں۔

3 سو یُوسف کے دس بھائی غلّہ مول لینے کو مِصر میں آئے۔

4 پر یعقُوب نے یُوسف کے بھائی بِنیمین کو اُس کے بھائِیوں کے ساتھ نہ بھیجا کیونکہ اُس نے کہا کہ کہِیں اُس پر کوئی آفت نہ آ جائے۔

5 سو جو لوگ غلّہ خرِیدنے آئے اُن کے ساتھ اِسرائیل کے بیٹے بھی آئے کیونکہ کنعان کے مُلک میں کال تھا۔

6 اور یُوسف مُلکِ مِصر کا حاکِم تھا اور وُہی مُلک کے سب لوگوں کے ہاتھ غلّہ بیچتا تھا ۔ سو یُوسف کے بھائی آئے اور اپنے سر زمِین پر ٹیک کر اُس کے حضُور آداب بجا لائے۔

7 یُوسف اپنے بھائِیوں کو دیکھ کر اُن کو پہچان گیا پر اُس نے اُن کے سامنے اپنے آپ کو انجان بنا لِیا اور اُن سے سخت لہجہ میں پُوچھا تُم کہاں سے آئے ہو؟

اُنہوں نے کہ کنعان کے مُلک سے اناج مول لینے کو۔

8 یُوسف نے تو اپنے بھائِیوں کو پہچان لِیا تھا پر اُنہوں نے اُسے نہ پہچانا۔

9 اور یُوسف اُن خوابوں کو جو اُس نے اُن کی بابت دیکھے تھے یاد کر کے اُن سے کہنے لگا کہ تُم جاسُوس ہو ۔ تُم آئے ہو کہ اِس مُلک کی بُری حالت دریافت کرو۔

10 اُنہوں نے اُس سے کہا نہیں خُداوند ۔ تیرے غُلام اناج مول لینے آئے ہیں۔

11 ہم سب ایک ہی شخص کے بیٹے ہیں ۔ ہم سچّے ہیں ۔ تیرے غُلام جاسُوس نہیں ہیں۔

12 اُس نے کہا نہیں بلکہ تُم اِس مُلک کی بُری حالت دریافت کرنے کو آئے ہو۔

13 تب اُنہوں نے کہا تیرے غُلام بارہ بھائی ایک ہی شخص کے بیٹے ہیں جو مُلکِ کنعان میں ہے ۔ سب سے چھوٹا اِس وقت ہمارے باپ کے پاس ہے اور ایک کا کُچھ پتا نہیں۔

14 تب یُوسف نے اُن سے کہا ۔ مَیں تو تُم سے کہہ چُکا کہ تُم جاسُوس ہو۔

15 سو تُمہاری آزمایش اِس طرح کی جائے گی کہ فِرعون کی حیات کی قَسم تُم یہاں سے جانے نہ پاؤ گے جب تک تُمہارا سب سے چھوٹا بھائی یہاں نہ آ جائے۔

16 سو اپنے میں سے کِسی ایک کو بھیجو کہ وہ تُمہارے بھائی کو لے آئے اور تُم قَید رہو تاکہ تُمہاری باتوں کی تصدِیق ہو کہ تُم سچّے ہو یا نہیں ورنہ فِرعون کی حیات کی قَسم تُم ضرُور ہی جاسُوس ہو۔

17 اور اُس نے اُن سب کو تِین دِن تک اِکٹھّے نظربند رکھّا۔

18 اور تِیسرے دِن یُوسف نے اُن سے کہا ایک کام کرو تو زِندہ رہو گے کیونکہ مُجھے خُدا کا خَوف ہے۔

19 اگر تُم سچّے ہو تو اپنے بھائِیوں میں سے ایک کو قَیدخانہ میں بند رہنے دو اور تُم اپنے گھر والوں کے کھانے کے لِئے اناج لے جاؤ۔

20 اور اپنے سب سے چھوٹے بھائی کو میرے پاس لے آؤ ۔ یُوں تُمہاری باتوں کی تصدِیق ہو جائے گی اور تُم ہلاک نہ ہو گے ۔

سو اُنہوں نے اَیسا ہی کِیا۔

21 اور وہ آپس میں کہنے لگے کہ ہم دراصل اپنے بھائی کے سبب سے مُجرِم ٹھہرے ہیں کیونکہ جب اُس نے ہم سے مِنّت کی تو ہم نے یہ دیکھ کر بھی کہ اُس کی جان کَیسی مُصِیبت میں ہے اُس کی نہ سُنی ۔ اِسی لِئے یہ مُصِیبت ہم پر آ پڑی ہے۔

22 تب رُوبِن بول اُٹھا کیا مَیں نے تُم سے نہ کہا تھاکہ اِس بچّے پر ظُلم نہ کرو اور تُم نے نہ سُنا ۔ سو دیکھ لو۔ اب اُس کے خُون کا بدلہ لِیا جاتا ہے۔

23 اور اُن کو معلُوم نہ تھا کہ یُوسف اُن کی باتیں سمجھتا ہے اِس لِئے کہ اُن کے درمِیان ایک ترجمان تھا۔

24 تب وہ اُن کے پاس سے ہٹ گیا اور رویا اور پِھر اُن کے پاس آ کر اُن سے باتیں کِیں اور اُن میں سے شمعُو ن کو لے کر اُن کی آنکھوں کے سامنے اُسے بندھوا دِیا۔

یُوسف کے بھائی کنعان کو لَوٹتے ہیں

25 پِھر یُوسف نے حُکم کِیا کہ اُن کے بوروں میں اناج بھریں اور ہر شخص کی نقدی اُسی کے بورے میں رکھ دیں اور اُن کو زادِ راہ بھی دے دیں ۔ چُنانچہ اُن کے لِئے اَیسا ہی کِیا گیا۔

26 اور اُنہوں نے اپنے گدھوں پر غلّہ لاد لِیا اور وہاں سے روانہ ہُوئے۔

27 جب اُن میں سے ایک نے منزل پر اپنے گدھے کو چارا دینے کے لِئے اپنا بورا کھولا تو اپنی نقدی بورے کے مُنہ میں رکھّی دیکھی۔

28 تب اُس نے اپنے بھائِیوں سے کہا کہ میری نقدی پھیر دی گئی ہے ۔ وہ میرے بورے میں ہے ۔ دیکھ لو! پِھر تو وہ حواس باختہ ہو گئے اور ہکّا بکّا ہو کر ایک دُوسرے کو دیکھنے اور کہنے لگے خُدا نے ہم سے یہ کیا کِیا؟۔

29 اور وہ مُلکِ کنعان میں اپنے باپ یعقُوب کے پاس آئے اور ساری واردات اُسے بتائی اور کہنے لگے۔

30 کہ اُس شخص نے جو اُس مُلک کا مالِک ہے ہم سے سخت لہجہ میں باتیں کِیں اور ہم کو اُس مُلک کے جاسُوس سمجھا۔

31 ہم نے اُس سے کہا کہ ہم سچّے آدمی ہیں ۔ ہم جاسُوس نہیں۔

32 ہم بارہ بھائی ایک ہی باپ کے بیٹے ہیں ۔ ہم میں سے ایک کا کُچھ پتا نہیں اور سب سے چھوٹا اِس وقت ہمارے باپ کے پاس مُلکِ کنعان میں ہے۔

33 تب اُس شخص نے جو مُلک کا مالِک ہے ہم سے کہا مَیں اِسی سے جان لُوں گا کہ تُم سچّے ہو کہ اپنے بھائِیوں میں سے کِسی کو میرے پاس چھوڑ دو اور اپنے گھر والوں کے کھانے کے لِئے اناج لے کر چلے جاؤ۔

34 اور اپنے سب سے چھوٹے بھائی کو میرے پاس لے آؤ ۔ تب مَیں جان لُوں گا کہ تُم جاسُوس نہیں بلکہ سچّے آدمی ہو اور مَیں تُمہارے بھائی کو تُمہارے حوالہ کر دُوں گا ۔ پِھر تُم مُلک میں سَوداگری کرنا۔

35 اور یُوں ہُؤا کہ جب اُنہوں نے اپنے اپنے بورے خالی کِئے تو ہر شخص کی نقدی کی تَھیلی اُسی کے بورے میں رکھّی دیکھی اور وہ اور اُن کا باپ نقدی کی تَھیلِیاں دیکھ کر ڈر گئے۔

36 اور اُن کے باپ یعقُوب نے اُن سے کہا تُم نے مُجھے بے اَولاد کر دِیا ۔ یُوسف نہیں رہا اور شمعُو ن بھی نہیں ہے اور اب بِنیمین کو بھی لے جانا چاہتے ہو ۔ یہ سب باتیں میرے خِلاف ہیں۔

37 تب رُوبِن نے اپنے باپ سے کہا اگر مَیں اُسے تیرے پاس نہ لے آؤں تو میرے دونوں بیٹوں کو قتل کر ڈالنا ۔ اُسے میرے ہاتھ میں سَونپ دے اور مَیں اُسے پِھر تیرے پاس پُہنچا دُوں گا۔

38 اُس نے کہا میرا بیٹا تُمہارے ساتھ نہیں جائے گا کیونکہ اُس کا بھائی مَر گیا اور وہ اکیلا رہ گیا ہے ۔ اگر راستہ میں جاتے جاتے اُس پر کوئی آفت آ پڑے تو تُم میرے سفید بالوں کو غم کے ساتھ گور میں اُتارو گے۔

پَیدایش 43

یُوسف کے بھائی اوربِنیمین مِصر کو واپس آتے ہیں

1 اور کال مُلک میں اَور بھی سخت ہو گیا۔

2 اور یُوں ہُؤا کہ جب اُس غلّہ کو جِسے مِصر سے لائے تھے کھا چُکے تو اُن کے باپ نے اُن سے کہا کہ جا کر ہمارے لِئے پِھر کُچھ اناج مول لے آؤ۔

3 تب یہُوداہ نے اُسے کہا کہ اُس شخص نے ہم کو نِہایت تاکِید سے کہہ دِیا تھا کہ تُم میرا مُنہ نہ دیکھو گے جب تک تُمہارا بھائی تُمہارے ساتھ نہ ہو۔

4 سو اگر تُو ہمارے بھائی کو ہمارے ساتھ بھیج دے تو ہم جائیں گے اور تیرے لِئے اناج مول لائیں گے۔

5 اور اگر تُو اُسے نہ بھیجے تو ہم نہیں جائیں گے کیونکہ اُس شخص نے کہہ دِیا ہے کہ تُم میرا مُنہ نہ دیکھو گے جب تک تُمہارا بھائی تُمہارے ساتھ نہ ہو۔

6 تب اِسرا ئیل نے کہا کہ تُم نے مُجھ سے کیوں یہ بدسلُوکی کی کہ اُس شخص کو بتا دِیا کہ ہمارا ایک بھائی اَور بھی ہے؟۔

7 اُنہوں نے کہا اُس شخص نے بجِد ہو کر ہمارا اور ہمارے خاندان کا حال پُوچھا کہ کیا تُمہارا باپ اب تک جِیتا ہے؟ اور کیا تُمہارا کوئی اَور بھائی ہے؟ تو ہم نے اِن سوالوں کے مُطابِق اُسے بتا دِیا ۔ ہم کیا جانتے تھے کہ وہ کہے گا کہ اپنے بھائی کو لے آؤ۔

8 تب یہُوداہ نے اپنے باپ اِسرا ئیل سے کہا کہ اُس لڑکے کو میرے ساتھ کر دے تو ہم چلے جائیں گے تاکہ ہم اورتُو اور ہمارے بال بچّے زِندہ رہیں اور ہلاک نہ ہوں۔

9 اور مَیں اُس کا ضامِن ہوتا ہُوں ۔ تُو اُس کو میرے ہاتھ سے واپس مانگنا ۔ اگر مَیں اُسے تیرے پاس پُہنچا کر سامنے کھڑا نہ کر دُوں تو مَیں ہمیشہ کے لِئے گُنہگار ٹھہرُوں گا۔

10 اگر ہم دیر نہ لگاتے تو اب تک دُوسری دفعہ لَوٹ کر آ بھی جاتے۔

11 تب اُن کے باپ اِسرائیل نے اُن سے کہا اگر یِہی بات ہے تو اَیسا کرو کہ اپنے برتنوں میں اِس مُلک کی مشہُور پَیداوار میں سے کُچھ اُس شخص کے لِئے نذرانہ لیتے جاؤ جَیسے تھوڑا سا رَوغن ِبلسان تھوڑا سا شہد کُچھ گرم مصالح اور مُرّ اور پِستہ اور بادام۔

12 اور دُونا دام اپنے ہاتھ میں لے لو اور وہ نقدی جو پھیر دی گئی اور تُمہارے بوروں کے مُنہ میں رکھّی مِلی اپنے ساتھ واپس لے جاؤ کیونکہ شاید بُھول ہو گئی ہو گی۔

13 اور اپنے بھائی کو بھی ساتھ لو اور اُٹھ کر پِھر اُس شخص کے پاس جاؤ۔

14 اور خُدایِ قادِر اُس شخص کو تُم پر مِہربان کرے تاکہ وہ تُمہارے دُوسرے بھائی کو اور بِنیمین کوتُمہارے ساتھ بھیج دے ۔ مَیں اگر بے اَولاد ہُؤا تو ہُؤا۔

15 تب اُنہوں نے نذرانہ لِیا اور دُونا دام بھی ہاتھ میں لے لِیا اور بِنیمین کو لے کر چل پڑے اور مِصر پُہنچ کر یُوسف کے سامنے جا کھڑے ہُوئے۔

16 جب یُوسف نے بِنیمین کو اُن کے ساتھ دیکھا تو اُس نے اپنے گھر کے مُنتظِم سے کہا اِن آدمِیوں کو گھر میں لے جا اور کوئی جانور ذبح کر کے کھانا تیّار کروا کیونکہ یہ آدمی دوپہر کو میرے ساتھ کھانا کھائیں گے۔

17 اُس شخص نے جَیسا یُوسف نے فرمایا تھا کِیا اور اِن آدمِیوں کو یُوسف کے گھر میں لے گیا۔

18 جب اِن کو یُوسف کے گھر میں پُہنچا دِیا تو ڈر کے مارے کہنے لگے کہ وہ نقدی جو پہلی دفعہ ہمارے بوروں میں رکھ کر واپس کر دی گئی تھی اُسی کے سبب سے ہم کو اندر کروا دِیا ہے تاکہ اُسے ہمارے خِلاف بہانہ مِل جائے اور وہ ہم پر حملہ کر کے ہم کو غُلام بنا لے اور ہمارے گدھوں کو چِھین لے۔

19 اور وہ یُو سف کے گھر کے مُنتظِم کے پاس گئے اور دروازہ پر کھڑے ہو کر اُس سے کہنے لگے۔

20 جناب! ہم پہلے بھی یہاں اناج مول لینے آئے تھے۔

21 اور یُوں ہُؤا کہ جب ہم نے منزل پر اُتر کر اپنے بوروں کو کھولا تو اپنی اپنی پُوری تُلی ہُوئی نقدی اپنے اپنے بورے کے مُنہ میں رکھّی دیکھی سو ہم اُسے اپنے ساتھ واپس لیتے آئے ہیں۔

22 اور ہم اناج مول لینے کو اَور بھی نقدی ساتھ لائے ہیں ۔ یہ ہم نہیں جانتے کہ ہماری نقدی کِس نے ہمارے بوروں میں رکھ دی۔

23 اُس نے کہا کہ تُمہاری سلامتی ہو ۔ مت ڈرو ۔ تُمہارے خُدا اور تُمہارے باپ کے خُدا نے تُمہارے بوروں میں تُم کو خزانہ دِیا ہو گا ۔ مُجھے تو تُمہاری نقدی مِل چُکی ۔ پِھر وہ شمعُو ن کو نِکال کر اُن کے پاس لے آیا۔

24 اور اُس شخص نے اُن کو یُوسف کے گھر میں لا کر پانی دِیا اور اُنہوں نے اپنے پاؤں دھوئے اور اُن کے گدھوں کو چارا دِیا۔

25 پِھر اُنہوں نے یُوسف کے اِنتظار میں کہ وہ دوپہر کو آئے گا نذرانہ تیّار کر کے رکھّا کیونکہ اُنہوں نے سُنا تھا کہ اُن کو وہِیں روٹی کھانی ہے۔

26 جب یُوسف گھر آیا تو وہ اُس نذرانہ کو جو اُن کے پاس تھا اُس کے سامنے لے گئے اور زمِین پر جُھک کر اُس کے حضُور آداب بجا لائے۔

27 اُس نے اُن سے خیر و عافِیّت پُوچھی اور کہا کہ تُمہارا بُوڑھا باپ جِس کا تُم نے ذِکر کِیا تھا اچھّا تو ہے؟ کیا وہ اب تک جِیتا ہے؟۔

28 اُنہوں نے جواب دِیا تیرا خادِم ہمارا باپ خیریت سے ہے اور اب تک جِیتا ہے۔ پِھر وہ سر جُھکا جُھکا کر اُس کے حضُور آداب بجا لائے۔

29 پِھر اُس نے آنکھ اُٹھا کر اپنے بھائی بِنیمین کو جو اُس کی ماں کا بیٹا تھا دیکھا اور کہا کہ تُمہارا سب سے چھوٹا بھائی جِس کا ذِکر تُم نے مُجھ سے کِیا تھا یِہی ہے؟ پِھر کہا کہ اَے میرے بیٹے! خُدا تُجھ پر مِہربان رہے۔

30 تب یُوسف نے جلدی کی کیونکہ بھائی کو دیکھ کر اُس کا جی بھر آیا اور وہ چاہتا تھا کہ کہِیں جا کر روئے ۔ سو وہ اپنی کوٹھری میں جا کر وہاں رونے لگا۔

31 پِھر وہ اپنا مُنہ دھو کر باہر نِکلا اور اپنے کو ضبط کر کے حُکم دِیا کہ کھانا چُنو۔

32 اور اُنہوں نے اُس کے لِئے الگ اور اُن کے لِئے جُدا اور مِصرِیوں کے لِئے جو اُس کے ساتھ کھاتے تھے جُدا کھانا چُنا کیونکہ مِصر کے لوگ عِبرانیوں کے ساتھ کھانا نہیں کھا سکتے تھے کیونکہ مِصرِیوں کو اِس سے کراہِیّت ہے۔

33 اور یُوسف کے بھائی اُس کے سامنے ترتِیب وار اپنی عُمر کی بڑائی اور چھوٹائی کے مُطابِق بَیٹھے اور آپس میں حَیران تھے۔

34 پِھر وہ اپنے سامنے سے کھانا اُٹھا کر حِصّے کر کر کے اُن کو دینے لگا اور بِنیمین کا حِصّہ اُن کے حِصّوں سے پانچ گُنا زِیادہ تھا اور اُنہوں نے مَے پی اور اُس کے ساتھ خُوشی منائی۔

پَیدایش 44

گُم شُدہ پیالہ

1 پِھر اُس نے اپنے گھر کے مُنتظِم کو یہ حُکم کِیا کہ اِن آدمِیوں کے بوروں میں جِتنا اناج وہ لے جا سکیں بھر دے اور ہر شخص کی نقدی اُسی کے بورے کے مُنہ میں رکھ دے۔

2 اور میرا چاندی کا پِیالہ سب سے چھوٹے کے بورے کے مُنہ میں اُس کی نقدی کے ساتھ رکھنا ۔ چُنانچہ اُس نے یُوسف کے فرمانے کے مُطابِق عمل کِیا۔

3 صُبح رَوشنی ہوتے ہی یہ آدمی اپنے گدھوں کے ساتھ رُخصت کر دِئے گئے۔

4 وہ شہر سے نِکل کر ابھی دُور بھی نہیں گئے تھے کہ یُوسف نے اپنے گھر کے مُنتظِم سے کہا جا اُن لوگوں کا پِیچھا کر اور جب تُو اُن کو جا لے تو اُن سے کہنا کہ نیکی کے عِوض تُم نے بدی کیوں کی؟۔

5 کیا یہ وُہی چِیز نہیں جِس سے میرا آقا پِیتا اور اِسی سے ٹِھیک فال بھی کھولا کرتا ہے؟ تُم نے جو یہ کِیا سو بُرا کِیا۔

6 اور اُس نے اُن کو جا لِیا اور یِہی باتیں اُن سے کہِیں۔

7 تب اُنہوں نے اُس سے کہا کہ ہمارا خُداوند اَیسی باتیں کیوں کہتا ہے؟ خُدا نہ کرے کہ تیرے خادِم اَیسا کام کریں۔

8 بھلا جو نقدی ہم کو اپنے بوروں کے مُنہ میں مِلی اُسے تو ہم مُلکِ کنعان سے تیرے پاس واپس لے آئے ۔ پِھر تیرے آقا کے گھر سے چاندی یا سونا کیونکر چُرا سکتے ہیں؟۔

9 سو تیرے خادِموں میں سے جِس کِسی کے پاس وہ نِکلے وہ مار دِیا جائے اور ہم بھی اپنے خُداوند کے غُلام ہو جائیں گے۔

10 اُس نے کہا کہ تُمہارا ہی کہنا سہی ۔ جِس کے پاس وہ نِکل آئے وہ میرا غُلام ہو گا اور تُم بے گُناہ ٹھہرو گے۔

11 تب اُنہوں نے جلدی کی اور ایک ایک نے اپنا بورا زمِین پر اُتار لِیا اور ہر شخص نے اپنا بورا کھول دِیا۔

12 سو وہ ڈُھونڈنے لگا اور سب سے بڑے سے شرُوع کر کے سب سے چھوٹے پر تلاشی ختم کی اور پیالہ بِنیمین کے بورے میں مِلا۔

13 تب اُنہوں نے اپنے پیراہن چاک کِئے اور ہر ایک اپنے گدھے کو لاد کر اُلٹا شہر کو پِھرا۔

14 اور یہُوداہ اور اُس کے بھائی یُوسف کے گھر آئے ۔ وہ اب تک وہِیں تھا ۔ سو وہ اُس کے آگے زمِین پر گِرے۔

15 تب یُوسف نے اُن سے کہا تُم نے یہ کَیسا کام کِیا؟ کیا تُم کو معلُوم نہیں کہ مُجھ سا آدمی ٹِھیک فال کھولتا ہے؟۔

16 یہُوداہ نے کہا کہ ہم اپنے خُداوند سے کیا کہیں؟ ہم کیا بات کریں یا کیوں کر اپنے کو بری ٹھہرائیں؟ خُدا نے تیرے خادِموں کی بدی پکڑ لی ۔ سو دیکھ! ہم بھی اور وہ بھی جِس کے پاس پیالہ نِکلا دونوں اپنے خُداوند کے غُلام ہیں۔

17 اُس نے کہا خُدا نہ کرے کہ مَیں اَیسا کرُوں ۔ جِس شخص کے پاس یہ پیالہ نِکلا وُہی میرا غُلام ہو گا اور تُم اپنے باپ کے پاس سلامت چلے جاؤ۔

یہُوداہ بنیمین کے لِئے اِلتجا کرتا ہے

18 تب یہُوداہ اُس کے نزدِیک جا کر کہنے لگا اَے میرے خُداوند ذرا اپنے خادِم کو اجازت دے کہ اپنے خُداوند کے کان میں ایک بات کہے اور تیرا غضب تیرے خادِم پر نہ بھڑکے کیونکہ تُو فِرعون کی مانِند ہے۔

19 میرے خُداوند نے اپنے خادِموں سے سوال کِیا تھا کہ تُمہارا باپ یا تُمہارا بھائی ہے؟۔

20 اور ہم نے اپنے خُداوند سے کہا تھا کہ ہمارا ایک بُوڑھا باپ ہے اور اُس کے بُڑھاپے کا ایک چھوٹا لڑکا بھی ہے اور اُس کا بھائی مِر گیا ہے اور وہ اپنی ماں کا ایک ہی رہ گیا ہے ۔ سو اُس کا باپ اُس پر جان دیتا ہے۔

21 تب تُو نے اپنے خادِموں سے کہا کہ اُسے میرے پاس لے آؤ کہ مَیں اُسے دیکھُوں۔

22 ہم نے اپنے خُداوند کو بتایا کہ وہ لڑکا اپنے باپ کو چھوڑ نہیں سکتا کیونکہ اگر وہ اپنے باپ کو چھوڑے تو اُس کا باپ مَر جائے گا۔

23 پِھر تُو نے اپنے خادِموں سے کہا کہ جب تک تُمہارا چھوٹا بھائی تُمہارے ساتھ نہ آئے تُم پِھر میرا مُنہ نہ دیکھو گے۔

24 اور یُوں ہُؤا کہ جب ہم اپنے باپ کے پاس جو تیرا خادِم ہے پُہنچے تو ہم نے اپنے خُداوند کی باتیں اُس سے کہِیں۔

25 ہمارے باپ نے کہا پِھر جا کر ہمارے لِئے کُچھ اناج مول لاؤ۔

26 ہم نے کہا ہم نہیں جا سکتے ۔ اگر ہمارا سب سے چھوٹا بھائی ہمارے ساتھ ہو تو ہم جائیں گے کیونکہ جب تک ہمارا سب سے چھوٹا بھائی ہمارے ساتھ نہ ہو ہم اُس شخص کا مُنہ نہ دیکھیں گے۔

27 اور تیرے خادِم میرے باپ نے ہم سے کہا تُم جانتے ہو کہ میری بِیوی کے مُجھ سے دو بیٹے ہُوئے۔

28 ایک تو مُجھے چھوڑ ہی گیا اور مَیں نے خیال کِیا کہ وہ ضرُور پھاڑ ڈالا گیا ہو گا اور مَیں نے اُسے اُس وقت سے پِھر نہیں دیکھا۔

29 اب اگر تُم اِس کو بھی میرے پاس سے لے جاؤ اور اِس پر کوئی آفت آ پڑے تو تُم میرے سفید بالوں کو غم کے ساتھ قبر میں اُتارو گے۔

30 سو اب اگر مَیں تیرے خادِم اپنے باپ کے پاس جاؤں اور یہ لڑکا ہمارے ساتھ نہ ہو تو چُونکہ اُس کی جان اِس لڑکے کی جان کے ساتھ وابستہ ہے۔

31 وہ یہ دیکھ کر کہ لڑکا نہیں آیا مَر جائے گا اور تیرے خادِم اپنے باپ کے جو تیرا خادِم ہے سفید بالوں کو غم کے ساتھ قبر میں اُتاریں گے۔

32 اور تیرا خادِم اپنے باپ کے سامنے اِس لڑکے کا ضامِن بھی ہو چُکا ہے اور یہ کہا ہے کہ اگر مَیں اُسے تیرے پاس واپس نہ پُہنچا دُوں تو مَیں ہمیشہ کے لِئے اپنے باپ کا گُنہگار ٹھہرُوں گا۔

33 اِس لِئے اب تیرے خادِم کو اِجازت ہو کہ وہ اِس لڑکے کے بدلے اپنے خُداوند کا غُلام ہو کر رہ جائے اور یہ لڑکا اپنے بھائِیوں کے ساتھ چلا جائے۔

34 کیونکہ لڑکے کے بغیر مَیں کیا مُنہ لے کر اپنے باپ کے پاس جاؤں؟ کہِیں اَیسا نہ ہو کہ مُجھے وہ مُصِیبت دیکھنی پڑے جو اَیسے حال میں میرے باپ پر آئے گی۔

پَیدایش 45

یُوسف اپنے بھائیوں کو بتاتا ہے کہ مَیں کَون ہُوں

1 تب یُوسف اُن کے آگے جو اُس کے آس پاس کھڑے تھے اپنے کو ضبط نہ کر سکا اور چِلّا کر کہا ہر ایک آدمی کو میرے پاس سے باہرکر دو ۔ چُنانچہ جب یُوسف نے اپنے آپ کو اپنے بھائِیوں پر ظاہِر کِیا اُس وقت اَور کوئی اُس کے ساتھ نہ تھا۔

2 اور وہ چِلّا چِلّا کر رونے لگا اور مِصریوں نے سُنا اور فِرعون کے محلّ میں بھی آواز گئی۔

3 اور یُوسف نے اپنے بھائِیوں سے کہا مَیں یُوسف ہُوں ۔ کیا میرا باپ اب تک جِیتا ہے؟ اور اُس کے بھائی اُسے کُچھ جواب نہ دے سکے کیونکہ وہ اُس کے سامنے گھبرا گئے۔

4 اور یُوسف نے اپنے بھائِیوں سے کہا ذرا نزدِیک آ جاؤ اور وہ نزدِیک آئے ۔ تب اُس نے کہا مَیں تُمہارا بھائی یُوسف ہُوں جِس کو تُم نے بیچ کر مِصر پہنچوایا۔

5 اور اِس بات سے کہ تُم نے مُجھے بیچ کریہاں پہنچوایا نہ تو غمگین ہو اور نہ اپنے اپنے دِل میں پریشان ہو کیونکہ خُدا نے جانوں کو بچانے کے لِئے مُجھے تُم سے آگے بھیجا۔

6 اِس لِئے کہ اب دو برس سے مُلک میں کال ہے اور ابھی پانچ برس اَور اَیسے ہیں جِن میں نہ تو ہل چلے گا اور نہ فصل کٹے گی۔

7 اور خُدا نے مُجھ کو تُمہارے آگے بھیجا تاکہ تُمہارا بقِیّہ زمِین پر سلامت رکھّے اور تُم کو بڑی رہائی کے وسِیلہ سے زِندہ رکھّے۔

8 پس تُم نے نہیں بلکہ خُدا نے مُجھے یہاں بھیجا اور اُس نے مُجھے گویا فِرعون کا باپ اور اُس کے سارے گھر کا خُداوند اور سارے مُلک ِمِصر کا حاکِم بنایا۔

9 سو تُم جلد میرے باپ کے پاس جا کر اُس سے کہو تیرا بیٹا یُوسف یُوں کہتا ہے کہ خُدا نے مُجھ کو سارے مِصر کا مالِک کر دِیا ہے تُو میرے پاس چلا آدیر نہ کر۔

10 تُو جشن کے عِلاقہ میں رہنا اور تُو اور تیرے بیٹے اور تیرے پوتے اور تیری بھیڑ بکریاں اور گائے بَیل اور تیرا مال و متاع یہ سب میرے نزدِیک ہوں گے۔

11 اور وہِیں مَیں تیری پرورِش کرُوں گا تا نہ ہو کہ تُجھ کو اور تیرے گھرانے اور تیرے مال و متاع کو مُفلسی آدبائے کیونکہ کال کے ابھی پانچ برس اَور ہیں۔

12 اور دیکھو تُمہاری آنکھیں اور میرے بھائی بِنیمین کی آنکھیں دیکھتی ہیں کہ خُود میرے مُنہ سے یہ باتیں تُم سے ہو رہی ہیں۔

13 اور تُم میرے باپ سے میری ساری شان و شَوکت کا جو مُجھے مِصر میں حاصِل ہے اور جو کُچھ تُم نے دیکھا ہے سب کا ذِکر کرنا اور تُم بُہت جلد میرے باپ کو یہاں لے آنا۔

14 اور وہ اپنے بھائی بِنیمین کے گلے لگ کر رویا اور بِنیمین بھی اُس کے گلے لگ کر رویا۔

15 اور اُس نے سب بھائِیوں کو چُوما اور اُن سے مِل کر رویا ۔ اِس کے بعد اُس کے بھائی اُس سے باتیں کرنے لگے۔

16 اور فِرعون کے محل میں اِس بات کا ذِکر ہُؤا کہ یُوسف کے بھائی آئے ہیں اور اِس سے فِرعون اور اُس کے نوکر چاکر بُہت خُوش ہُوئے۔

17 اور فِرعون نے یُوسف سے کہا کہ اپنے بھائِیوں سے کہہ تُم یہ کام کرو کہ اپنے جانوروں کو لاد کر مُلکِ کنعان کو چلے جاؤ۔

18 اور اپنے باپ کو اور اپنے اپنے گھرانے کو لے کر میرے پاس آ جاؤ اور جو کُچھ مُلکِ مِصر میں اچھّے سے اچھّا ہے وہ مَیں تُم کو دُوں گا اور تُم اِس مُلک کی عُمدہ عُمدہ چِیزیں کھانا۔

19 تُجھے حُکم مِل گیا ہے کہ اُن سے کہے تُم یہ کرو کہ اپنے بال بچّوں اور اپنی بِیویوں کے لِئے مُلکِ مِصر سے اپنے ساتھ گاڑِیاں لے جاؤ اور اپنے باپ کو بھی ساتھ لے کر چلے آؤ۔

20 اور اپنے اسباب کا کُچھ افسوس نہ کرنا کیونکہ مُلکِ مِصر کی سب اچھّی چِیزیں تُمہارے لِئے ہیں۔

21 اور اِسرا ئیل کے بیٹوں نے اَیسا ہی کِیا اور یُوسف نے فِرعون کے حُکم کے مُطابِق اُن کو گاڑِیاں دِیں اور زادِ راہ بھی دِیا۔

22 اور اُس نے اُن میں سے ہر ایک کو ایک ایک جوڑا کپڑا دِیا لیکن بِنیمین کو چاندی کے تِین سَو سِکّے اور پانچ جوڑے کپڑے دِئے۔

23 اور اپنے باپ کے لِئے اُس نے یہ چِیزیں بھیجیں یعنی دس گدھے جو مِصر کی اچھّی چِیزوں سے لدے ہُوئے تھے اور دس گدِھیاں جو اُس کے باپ کے راستہ کے لِئے غلّہ اور روٹی اور زادِ راہ سے لدی ہُوئی تِھیں۔

24 چُنانچہ اُس نے اپنے بھائِیوں کو روانہ کِیا اور وہ چل پڑے اور اُس نے اُن سے کہا دیکھنا! کہِیں راستہ میں تُم جھگڑا نہ کرنا۔

25 اور وہ مِصر سے روانہ ہُوئے اور مُلکِ کنعان میں اپنے باپ یعقُوب کے پاس پُہنچے۔

26 اور اُس سے کہا یُوسف اب تک جِیتا ہے اور وُہی سارے مُلکِ مِصر کا حاکِم ہے اور یعقُوب کا دِل دھک سے رہ گیا کیونکہ اُس نے اُن کا یقِین نہ کِیا۔

27 تب اُنہوں نے اُسے وہ سب باتیں جو یُوسف نے اُن سے کہی تِھیں بتائِیں اور جب اُن کے باپ یعقُوب نے وہ گاڑِیاں دیکھ لِیں جو یُوسف نے اُس کے لانے کو بھیجی تھیں تب اُس کی جان میں جان آئی۔

28 اور اِسرائیل کہنے لگا یہ بس ہے کہ میرا بیٹا یُوسف اب تک جِیتا ہے ۔ مَیں اپنے مَرنے سے پیشتر جا کر اُسے دیکھ تو لُوں گا۔

پَیدایش 46

یعقُوب اور اُس کا گھرانا مِصر کو جاتا ہے

1 اور اِسرا ئیل اپنا سب کُچھ لے کر چلا اور بیرسبع میں آ کر اپنے باپ اِضحا ق کے خُدا کے لِئے قُربانیاں گُذرانِیں۔

2 اور خُدا نے رات کو رویا میں اِسرا ئیل سے باتیں کِیں اور کہا اَے یعقُوب اَے یعقُوب !

اُس نے جواب دِیا مَیں حاضِر ہُوں۔

3 اُس نے کہا مَیں خُدا تیرے باپ کا خُدا ہُوں ۔ مِصر میں جانے سے نہ ڈر کیونکہ مَیں وہاں تُجھ سے ایک بڑی قَوم پَیدا کرُوں گا۔

4 مَیں تیرے ساتھ مِصر کو جاؤں گا اور پِھر تُجھے ضرُور لَوٹا بھی لاؤں گااور یُوسف اپنا ہاتھ تیری آنکھوں پر لگائے گا۔

5 تب یعقُوب بیرسبع سے روانہ ہُؤا اور اِسرائیل کے بیٹے اپنے باپ یعقُوب کو اور اپنے بال بچّوں اور اپنی بِیویوں کو اُن گاڑِیوں پر لے گئے جو فِرعون نے اُن کے لانے کو بھیجی تِھیں۔

6 اور وہ اپنے چَوپایوں اور سارے مال و اسباب کو جو اُنہوں نے مُلکِ کنعان میں جمع کِیا تھا لے کر مِصر میں آئے اور یعقُوب کے ساتھ اُس کی ساری اَولاد تھی۔

7 وہ اپنے بیٹوں اور بیٹِیوں اور پوتوں اور پوتیوں غرض اپنی کُل نسل کو اپنے ساتھ مِصر میں لے آیا۔

8 اور یعقُوب کے ساتھ جو اِسرائیلی یعنی اُس کے بیٹے وغیرہ مِصر میں آئے اُن کے نام یہ ہیں ۔ رُوبِن یعقُوب کا پہلوٹھا۔

9 اور بنی رُوبِن یہ ہیں ۔ حنُو ک اور فلُّو اور حصرو ن اور کرمی۔

10 اور بنی شمعُون یہ ہیں ۔یموایل اور یمین اور اُہد اور یکِین اور صُحر اور ساؤُل جو ایک کنعانی عَورت سے پَیدا ہُؤا تھا۔

11 اور بنی لاوی یہ ہیں ۔ جیرسو ن اور قِہات اور مِرار ی۔

12 اور بنی یہُوداہ یہ ہیں ۔ عیر اور اونا ن اورسیلہ اور فارص اور زارَح۔ اِن میں سے عیر اور اونان مُلکِ کنعان میں مَر چُکے تھے اور فارص کے بیٹے یہ ہیں ۔ حصرو ن اور حمُول۔

13 اور بنی اِشکار یہ ہیں ۔ تولع اور فُووہ اور یوب اور سمرو ن۔

14 اور بنی زبُولُون یہ ہیں ۔ سرد اور اَیلون اور یَحلی ایل۔

15 یہ سب یعقُوب کے اُن بیٹوں کی اَولاد ہیں جو فدّان ارام میں لیا ہ سے پَیدا ہُوئے ۔ اِسی کے بطن سے اُس کی بیٹی دِینہ تھی ۔ یہاں تک تو اُس کے سب بیٹے بیٹِیوں کا شُمار تَینتِیس ہُؤا۔

16 بنی جد یہ ہیں ۔ صفِیان اور حجّی اورسُونی اور اصبان اور عیر ی اور ارودی اور اریلی۔

17 اور بنی آشریہ ہیں ۔ یِمنہ اور اِسواہ اور اِسوی اور برِیعاہ اور سِر ہ اُن کی بہن اور بنی برِیعاہ یہ ہیں ۔ حِبر اور مَلکی ایل۔

18 یہ سب یعقُوب کے اُن بیٹوں کی اَولاد ہیں ۔ جو زِلفہ لَونڈی سے پَیدا ہُوئے جِسے لابن نے اپنی بیٹی لیاہ کو دِیا تھا ۔ اُن کا شُمار سولہ تھا۔

19 اور یعقُوب کے بیٹے یُوسف اوربِنیمین راخِل سے پَیدا ہُوئے تھے۔

20 اور یُوسف سے مُلکِ مِصر میں اون کے پُجاری فوطِیفرع کی بیٹی آسِناتھ کے منسّی اور اِفرائِیم پَیدا ہُوئے۔

21 اور بنی بِنیمین یہ ہیں ۔ بالَع اور بکر اور اَشبیل اور جیرا اور نعما ن اخی اور روس مُفیّم اور حفیّم اور ارد۔

22 یہ سب یعقُوب کے اُن بیٹوں کی اَولاد ہیں جو راخِل سے پَیدا ہُوئے ۔ یہ سب شُمار میں چَودہ تھے۔

23 اور دان کے بیٹے کا نام حُشِیم تھا۔

24 اور بنی نفتالی یہ ہیں ۔یحصی ایل اور جُونی اور یِصر اور سلیم۔

25 یہ سب یعقُوب کے اُن بیٹوں کی اَولاد ہیں جو بِلہا ہ لَونڈی سے پَیدا ہُوئے جِسے لابن نے اپنی بیٹی راخِل کو دِیا تھا ۔ اِن کا شُمار سات تھا۔

26 یعقُوب کے صُلب سے جو لوگ پَیدا ہُوئے اور اُس کے ساتھ مِصر میں آئے وہ اُس کی بہُوؤں کو چھوڑ کر شُمار میں چھیاسٹھ تھے۔

27 اور یُوسف کے دو بیٹے تھے جو مِصر میں پَیدا ہُوئے ۔ سو یعقُوب کے گھرانے کے جو لوگ مِصر میں آئے وہ سب مِل کر ستّر ہُوئے۔

یعقُوب اور اُس کا گھرانا مِصر میں

28 اور اُس نے یہُوداہ کو اپنے سے آگے یُوسف کے پاس بھیجا تاکہ وہ اُسے جشن کا راستہ دِکھائے اور وہ جشن کے علاقہ میں آئے۔

29 اور یُوسف اپنا رتھ تیّار کروا کے اپنے باپ اِسرائیل کے اِستِقبال کے لِئے جشن کو گیا اور اُس کے پاس جا کر اُس کے گلے سے لِپٹ گیا اور وہِیں لِپٹا ہُؤا دیر تک روتا رہا۔

30 تب اِسرائیل نے یُوسف سے کہا اب چاہے مَیں مرَجاؤں کیونکہ تیرا مُنہ دیکھ چُکا کہ تُو ابھی جِیتا ہے۔

31 اور یُوسف نے اپنے بھائِیوں سے اور اپنے باپ کے گھرانے سے کہا مَیں ابھی جا کر فِرعون کو خبر کر دُوں گا اور اُس سے کہہ دُوں گا کہ میرے بھائی اور میرے باپ کے گھرانے کے لوگ جو مُلکِ کنعان میں تھے میرے پاس آ گئے ہیں۔

32 اور وہ چَوپان ہیں کیونکہ برابر چَوپایوں کو پالتے آئے ہیں اور وہ اپنی بھیڑ بکریاں اور گائے بَیل اور جو کُچھ اُن کا ہے سب لے آئے ہیں۔

33 پس جب فِرعون تُم کو بُلا کر پُوچھے کہ تُمہارا پیشہ کیا ہے؟۔

34 تُو تُم یہ کہنا کہ تیرے خادِم ہم بھی اور ہمارے باپ دادا بھی لڑکپن سے لے کر آج تک چَوپائے پالتے آئے ہیں ۔ تب تُم جشن کے علاقہ میں رہ سکو گے اِس لِئے کہ مِصرِیوں کو چَوپانوں سے نفرت ہے۔

پَیدایش 47

1 تب یُوسف نے آ کر فِرعون کو خبر دی کہ میرا باپ اور میرے بھائی اور اُن کی بھیڑ بکریاں اور گائے بَیل اور اُن کا سارا مال و متاع مُلکِ کنعا ن سے آ گیا ہے اور ابھی تو وہ سب جشن کے علاقہ میں ہیں۔

2 پِھر اُس نے اپنے بھائِیوں میں سے پانچ کو اپنے ساتھ لِیا اور اُن کو فِرعون کے سامنے حاضِر کِیا۔

3 اور فِرعون نے اُس کے بھائِیوں سے پُوچھا تُمہارا پیشہ کیا ہے؟

اُنہوں نے فِرعون سے کہا تیرے خادِم چَوپان ہیں جَیسے ہمارے باپ دادا تھے۔

4 پِھر اُنہوں نے فِرعون سے کہا کہ ہم اِس مُلک میں مُسافِرانہ طَور پر رہنے آئے ہیں کیونکہ مُلکِ کنعا ن میں سخت کال ہونے کی وجہ سے وہاں تیرے خادِموں کے چَوپایوں کے لِئے چرائی نہیں رہی ۔ سو کرم کر کے اپنے خادِموں کو جشن کے علاقہ میں رہنے دے۔

5 تب فِرعون نے یُو سف سے کہا کہ تیرا باپ اور تیرے بھائی تیرے پاس آ گئے ہیں۔

6 مِصر کا مُلک تیرے آگے پڑا ہے ۔ یہاں کے اچھّے سے اچھّے علاقہ میں اپنے باپ اور بھائِیوں کو بسا دے یعنی جشن ہی کے علاقہ میں اُن کو رہنے دے اور اگر تیری دانِست میں اُن میں ہوشیار آدمی بھی ہوں تو اُن کو میرے چَوپایوں پر مقرّر کر دے۔

7 اور یُوسف اپنے باپ یعقُوب کو اندر لایا اور اُسے فِرعون کے سامنے حاضِرکِیا اور یعقُوب نے فِرعو ن کو دُعا دی۔

8 اور فِرعون نے یعقُوب سے پُوچھا کہ تیری عُمر کتنے سال کی ہے؟۔

9 یعقُوب نے فِرعون سے کہا کہ میری مُسافرت کے برس ایک سَو تِیس ہیں ۔ میری زِندگی کے ایّام تھوڑے اور دُکھ سے بھرے ہُوئے رہے اور ابھی یہ اُتنے ہُوئے بھی نہیں ہیں جِتنے میرے باپ دادا کی زِندگی کے ایّام اُن کے دَورِ مُسافرت میں ہُوئے۔

10 اور یعقُوب فِرعون کو دُعا دے کر اُس کے پاس سے چلا گیا۔

11 اور یُوسف نے اپنے باپ اور بھائِیوں کو بسا دِیا اور فِرعون کے حُکم کے مُطابِق رعمسیس کے علاقہ کو جو مُلکِ مِصر کا نِہایت زرخیز خِطّہ ہے اُن کی جاگِیر ٹھہرایا۔

12 اور یُوسف اپنے باپ اور اپنے بھائِیوں اور اپنے باپ کے گھر کے سب آدمِیوں کی پرورِش ایک ایک کے خاندان کی ضرُورت کے مُطابِق اناج سے کرنے لگا۔

کال

13 اور اُس سارے مُلک میں کھانے کو کُچھ نہ رہا کیونکہ کال اَیسا سخت تھا کہ مُلکِ مِصر اور مُلکِ کنعان دونوں کال کے سبب سے تباہ ہو گئے تھے۔

14 اور جِتنا رُوپَیہ مُلکِ مِصر اور مُلکِ کنعان میں تھا وہ سب یُوسف نے اُس غلّہ کے بدلے جِسے لوگ خرِیدتے تھے لے لے کر جمع کر لِیا اور سب رُوپَے کو اُس نے فِرعون کے محلّ میں پُہنچا دِیا۔

15 اور جب وہ سارا رُوپَیہ جو مِصر اور کنعان کے مُلکوں میں تھا خرچ ہو گیا تو مِصری یُوسف کے پاس آ کر کہنے لگے ہم کو اناج دے کیونکہ رُوپَیہ تو ہمارے پاس رہا نہیں۔ ہم تیرے ہوتے ہُوئے کیوں مَریں؟۔

16 یُوسف نے کہا کہ اگر رُوپَیہ نہیں ہے تُو اپنے چَوپائے دو اور مَیں تُمہارے چَوپایوں کے بدلے تُم کو اناج دُوں گا۔

17 سو وہ اپنے چَوپائے یُوسف کے پاس لانے لگے اور یُوسف گھوڑوں اور بھیڑ بکریوں اور گائے بَیلوں اور گدھوں کے بدلے اُن کو اناج دینے لگا اور پُورے سال بھر اُن کو اُن کے سب چَوپایوں کے بدلے اناج کِھلایا۔

18 جب یہ سال گذر گیا تو وہ دُوسرے سال اُس کے پاس آ کر کہنے لگے کہ اِس میں ہم اپنے خُداوند سے کُچھ نہیں چُھپاتے کہ ہمارا سارا رُوپَیہ خرچ ہو چُکا اور ہمارے چَوپایوں کے گلّوں کا مالِک بھی ہمارا خُداوند ہو گیا ہے اور ہمارا خُداوند دیکھ چُکا ہے کہ اب ہمارے جِسم اور ہماری زمِین کے سِوا کُچھ باقی نہیں۔

19 پس اَیسا کیوں ہو کہ تیرے دیکھتے دیکھتے ہم بھی مَریں اور ہماری زمِین بھی اُجڑ جائے؟ سو تُو ہم کو اورہماری زمِین کو اناج کے بدلے خرِید لے کہ ہم فِرعو ن کے غُلام بن جائیں اور ہماری زمِین کا مالِک بھی وُہی ہو جائے اور ہم کو بیج دے تاکہ ہم ہلاک نہ ہوں بلکہ زِندہ رہیں اور مُلک بھی وِیران نہ ہو۔

20 اور یُوسف نے مِصر کی ساری زمِین فِرعون کے نام پر خرِید لی کیونکہ کال سے تنگ آ کر مِصرِیوں میں سے ہر شخص نے اپنا کھیت بیچ ڈالا ۔ سو ساری زمِین فِرعون کی ہو گئی۔

21 اور مِصر کے ایک سِرے سے لے کر دُوسرے سِرے تک جو لوگ رہتے تھے اُن کو اُس نے شہروں میں بسایا۔

22 لیکن پُجاریوں کی زمِین اُس نے نہ خرِیدی کیونکہ فِرعون کی طرف سے پُجاریوں کو رسد مِلتی تھی ۔ سو وہ اپنی اپنی رسد جو فِرعون اُن کو دیتا تھا کھاتے تھے اِس لِئے اُنہوں نے اپنی زمِین نہ بیچی۔

23 تب یُوسف نے وہاں کے لوگوں سے کہا کہ دیکھو مَیں نے آج کے دِن تُم کو اورتُمہاری زمِین کو فِرعون کے نام پر خرِید لِیا ہے ۔ سو تُم اپنے لِئے یہاں سے بیج لو اور کھیت بو ڈالو۔

24 اور فصل پر پانچواں حِصّہ فِرعون کو دے دینا اور باقی چار تُمہارے رہے تاکہ کھیتی کے لِئے بیج کے بھی کام آئیں اور تُمہارے اور تُمہارے گھر کے آدمِیوں اور تُمہارے بال بچّوں کے لِئے کھانے کو بھی ہوں۔

25 اُنہوں نے کہا کہ تُو نے ہماری جان بچائی ہے ۔ ہم پر ہمارے خُداوند کے کرم کی نظر رہے اور ہم فِرعون کے غُلام بنے رہیں گے۔

26 اور یُوسف نے یہ آئِین جو آج تک ہے مِصر کی زمِین کے لِئے ٹھہرایا کہ فِرعون پَیداوار کا پانچواں حِصّہ لِیا کرے ۔ سو فقط پُجارِیوں کی زمِین اَیسی تھی جو فِرعون کی نہ ہُوئی۔

یعقُوب کی وصیّت

27 اور اِسرائیلی مُلکِ مِصر میں جشن کے علاقہ میں رہتے تھے اور اُنہوں نے اپنی جایدادیں کھڑی کر لِیں اور وہ بڑھے اور بُہت زِیادہ ہو گئے۔

28 اور یعقُو ب مُلک ِمِصر میں ستّرہ برس اور جیا ۔ سو یعقُوب کی کُل عُمر ایک سَو سَینتالِیس برس کی ہُوئی۔

29 اور اِسرائیل کے مَرنے کا وقت نزدِیک آیا ۔ تب اُس نے اپنے بیٹے یُوسف کو بُلا کر اُس سے کہا اگر مُجھ پر تیرے کرم کی نظر ہے تو اپنا ہاتھ میری ران کے نِیچے رکھ اور دیکھ!مِہربانی اور صداقت سے میرے ساتھ پیش آنا۔ مُجھ کو مِصر میں دفن نہ کرنا۔

30 بلکہ جب مَیں اپنے باپ دادا کے ساتھ سو جاؤں تو مُجھے مِصر سے لے جا کر اُن کے قبرستان میں دفن کرنا۔

اُس نے جواب دِیا جَیسا تُو نے کہا ہے مَیں وَیسا ہی کرُوں گا۔

31 اور اُس نے کہا کہ تُو مُجھ سے قَسم کھا اور اُس نے اُس سے قَسم کھائی تب اِسرائیل اپنے بِستر پر سرہانے کی طرف سِجدہ میں ہو گیا۔

پَیدایش 48

یعقُوب افرائیم اور منسّی کو برکت دیتا ہے

1 اِن باتوں کے بعد یُوں ہُؤا کہ کِسی نے یُوسف سے کہا تیرا باپ بِیمار ہے ۔ سو وہ اپنے دونوں بیٹوں منسّی اور افرائیم کو ساتھ لے کر چلا۔

2 اور یعقُوب سے کہا گیا کہ تیرا بیٹا یُوسف تیرے پاس آ رہا ہے اور اِسرائیل اپنے کو سنبھال کر پلنگ پر بیٹھ گیا۔

3 اور یعقُوب نے یُوسف سے کہا کہ خُدایِ قادِرِمُطلق مُجھے لُوز میں جو مُلک ِکنعا ن میں ہے دِکھائی دِیا اور مُجھے برکت دی۔

4 اور اُس نے مُجھ سے کہا مَیں تُجھے برومند کرُوں گا اور بڑھاؤں گا اور تُجھ سے قَوموں کا ایک زُمرہ پَیدا کرُوں گا اور تیرے بعد یہ زمِین تیری نسل کو دُوں گا تاکہ یہ اُن کی دائمی مِلکِیّت ہو جائے۔

5 سو تیرے دونوں بیٹے جو مُلکِ مِصر میں میرے آنے سے پہلے پَیدا ہُوئے میرے ہیں یعنی رُوبن اور شمعُو ن کی طرح افرائِیم اور منسّی بھی میرے ہی ہوں گے۔

6 اور جو اَولاد اب اُن کے بعد تُجھ سے ہو گی وہ تیری ٹھہرے گی پر اپنی میراث میں اپنے بھائِیوں کے نام سے وہ لوگ نامزد ہوں گے۔

7 اور مَیں جب فدّان سے آتا تھا تو راخِل نے راستہ ہی میں جب اِفرات تھوڑی دُور رہ گیا تھا میرے سامنے مُلکِ کنعان میں وفات پائی اور مَیں نے اُسے وہِیں اِفرات کے راستہ میں دفن کِیا۔بیت لحم وُہی ہے۔

8 پِھراِسرائیل نے یُوسف کے بیٹوں کو دیکھ کر پُوچھا یہ کَون ہیں؟۔

9 یُوسف نے اپنے باپ سے کہا یہ میرے بیٹے ہیں جو خُدانے مُجھے یہاں دِئے ہیں۔

اُس نے کہا اُن کو ذرا میرے پاس لا ۔ مَیں اُن کو برکت دُوں گا۔

10 لیکن اِسرائیل کی آنکھیں بُڑھاپے کے سبب سے دُھندلا گئی تِھیں اور اُسے دِکھائی نہیں دیتا تھا ۔ سو یُوسف اُن کو اُس کے نزدِیک لے آیا ۔ تب اُس نے اُن کو چُوم کر گلے لگا لِیا۔

11 اور اِسرائیل نے یُوسف سے کہا مُجھے تو خیال بھی نہ تھا کہ تیرا مُنہ دیکھُوں گا لیکن خُدا نے تیری اَولاد بھی مُجھے دِکھائی۔

12 اور یُوسف اُن کو اپنے گُھٹنوں کے بیچ سے ہٹا کر مُنہ کے بل زمِین تک جُھکا۔

13 اور یُوسف اُن دونوں کو لے کر یعنی اِفرائِیم کو اپنے دہنے ہاتھ سے اِسرائیل کے بائیں ہاتھ کے مُقابِل اور منسّی کو اپنے بائیں ہاتھ سے اِسرائیل کے دہنے ہاتھ کے مُقابِل کر کے اُن کو اُس کے نزدِیک لایا۔

14 اور اِسرائیل نے اپنا دہنا ہاتھ بڑھا کر اِفرائِیم کے سرپر جو چھوٹا تھا اور بایاں ہاتھ منسّی کے سر پر رکھ دِیا ۔ اُس نے جان بُوجھ کر اپنے ہاتھ یُوں رکھّے کیونکہ پہلوٹھا تو منسّی ہی تھا۔

15 اور اُس نے یُوسف کو برکت دی اور کہا کہ

خُدا جِس کے سامنے میرے باپ ابرہام اور اِضحاق

نے اپنا دَور پُورا کِیا ۔

وہ خُدا جِس نے ساری عُمر آج کے دِن تک میری

پاسبانی کی۔

16 اور وہ فرِشتہ جِس نے مُجھے سب بلاؤں سے بچایا

اِن لڑکوں کو برکت دے

اور جو میرا اور میرے باپ دادا ابرہام اور اِضحاق کا نام ہے

اُسی سے یہ نامزد ہوں!

اور زمِین پر نِہایت کثرت سے بڑھ جائیں۔

17 اور یُوسف یہ دیکھ کر کہ اُس کے باپ نے اپنا دہنا ہاتھ اِفرائِیم کے سر پر رکھّا ناخُوش ہُؤا اور اُس نے اپنے باپ کا ہاتھ تھام لِیا تاکہ اُسے افرائِیم کے سر پر سے ہٹا کر منسّی کے سر پر رکھّے۔

18 اور یُوسف نے اپنے باپ سے کہا کہ اَے میرے باپ اَیسا نہ کر کیونکہ پہلوٹھا یہ ہے اپنا دہنا ہاتھ اِس کے سر پر رکھ۔

19 اُس کے باپ نے نہ مانا اور کہا اَے میرے بیٹے! مُجھے خُوب معلُوم ہے ۔ اِس سے بھی ایک گُروہ پَیدا ہو گی اور یہ بھی بزُرگ ہو گا ۔ پر اِس کا چھوٹا بھائی اِس سے بُہت بڑا ہو گا اور اُس کی نسل سے بُہت سی قَومیں ہوں گی۔

20 اور اُس نے اُن کو اُس دِن برکت بخشی اور کہا کہ اِسرائیلی تیرا نام لے لے کر یُوں دُعا دِیا کریں گے کہ خُدا تُجھ کو اِفرائِیم اور منسّی کی مانِند اِقبال مند کرے! سو اُس نے اِفرائِیم کو منسّی پر فضِیلت دی۔

21 اور اسرا ئیل نے یُوسف سے کہا مَیں تو مَرتا ہُوں لیکن خُدا تُمہارے ساتھ ہو گا اور تُم کو پِھر تُمہارے باپ دادا کے مُلک میں لے جائے گا۔

22 اور مَیں تُجھے تیرے بھائِیوں سے زِیادہ ایک حِصّہ جو مَیں نے امورِیوں کے ہاتھ سے اپنی تلوار اور کمان سے لِیا دیتا ہُوں۔

پَیدایش 49

یعقُوب کی آخِری باتیں

1 اور یعقُوب نے اپنے بیٹوں کو یہ کہہ کر بُلوایا کہ تُم سب جمع ہو جاؤ تاکہ مَیں تُم کو بتاؤں کہ آخری دِنوں میں تُم پر کیا کیا گُذرے گا۔

2 اَے یعقُوب کے بیٹو جمع ہو کر سُنو۔

اور اپنے باپ اِسرائیل کی طرف کان لگاؤ۔

3 اَے رُوبن ! تُو میرا پہلوٹھا میری قُوّت اور میری

شہزوری کا پہلا پَھل ہے۔

تُو میرے رُعب کی اور میری طاقت کی شان ہے۔

4 تُو پانی کی طرح بے ثبات ہے اِس لِئے تُجھے

فضِیلت نہیں مِلے گی۔

کیونکہ تُو اپنے باپ کے بِستر پر چڑھا ۔

تُو نے اُسے نِجس کِیا ۔ رُوبِن میرے بِچھَونے پر

چڑھ گیا۔

5 شمعُو ن اور لاو ی تو بھائی بھائی ہیں ۔

اُن کی تلواریں ظُلم کے ہتھیار ہیں۔

6 اَے میری جان! اُن کے مشورہ میں شرِیک نہ ہو ۔

اَے میری بزُرگی! اُن کی مجِلس میں شامِل نہ ہو ۔

کیونکہ اُنہوں نے اپنے غضب میں ایک مَرد کو قتل کِیا ۔

اور اپنی خودرائی سے بَیلوں کی کونچیں کاٹِیں ۔

7 لَعنت اُن کے غضب پر کیونکہ وہ تُند تھا

اور اُن کے قہر پر کیونکہ وہ سخت تھا ۔

مَیں اُنہیں یعقُوب میں الگ الگ اور اِسرائیل میں پراگندہ کر دُوں گا ۔

8 اَے یہُوداہ ! تیرے بھائی تیری مدح کریں گے

تیرا ہاتھ تیرے دُشمنوں کی گردن پر ہو گا ۔

تیرے باپ کی اَولاد تیرے آگے سرنِگُوں ہو گی۔

9 یہُوداہ شیرِ بَبر کا بچّہ ہے۔

اَے میرے بیٹے! تُو شِکار مار کر چل دِیا ہے۔

وہ شیرِ بَبر بلکہ شیرنی کی طرح

دَبک کر بَیٹھ گیا ۔ کَون اُسے چھیڑے؟

10 یہُوداہ سے سلطنت نہیں چھُوٹے گی

اور نہ اُس کی نسل سے حُکومت کا عصا موقُوف ہو گا۔

جب تک شِیلو ہ نہ آئے

اورقَومیں اُس کی مُطِیع ہوں گی

11 وہ اپنا جوان گدھا انگُور کے درخت سے

اور اپنی گدھی کا بچّہ اعلےٰ درجہ کے انگُور کے درخت سے

باندھا کرے گا۔ وہ اپنا لِباس مَے میں

اور اپنی پوشاک آب ِانگُور میں دھویا کرے گا

12 اُس کی آنکھیں مَے کے سبب سے لال

اور اُس کے دانت دُودھ کی وجہ سے سفید رہا کریں گے

13 زبُولُون سمُندر کے کنارے بسے گا

اور جہازوں کے لِئے بندر کا کام دے گا ۔

اور اُس کی حد صَیدا تک پَھیلی ہو گی۔

14 اِشکار مضبُوط گدھا ہے

جو دو بھیڑسالوں کے درمِیان بَیٹھا ہے ۔

15 اُس نے ایک اچھّی آرام گاہ

اور خُوش نُما زمِین کو دیکھ کر

اپنا کندھا بوجھ اُٹھانے کو جُھکایا

اور بیگار میں غُلام کی طرح کام کرنے لگا

16 دان اِسرائیل کے قبِیلوں میں سے ایک کی مانِند

اپنے لوگوں کا اِنصاف کرے گا ۔

17 دان راستے کا سانپ ہے ۔

وہ راہ گُذر کا افعی ہے

جو گھوڑے کے عقب کو اَیسا ڈستا ہے

کہ اُس کا سوار پچھاڑ کھا کر گِرپڑتا ہے۔

18 اَے خُداوند! مَیں تیری نجات کی راہ دیکھتا آیا ہُوں ۔

19 جد پر ایک فَوج حملہ کرے گی

پر وہ اُس کے دُنبالہ پر چھاپا مارے گا۔

20 آشر نفِیس اناج پَیدا کِیا کرے گا اور بادشاہوں کے لائِق لذیذ اشیا مُہیّا کرے گا۔

21 نفتالی اَیسا ہے جَیسے چُھوٹی ہُوئی ہرنی ۔

وہ مِیٹھی مِیٹھی باتیں کرتا ہے ۔

22 یُوسف ایک پَھل دار پَودا ہے ۔

اَیسا پَھل دار پَودا جو پانی کے چشمہ کے پاس لگا ہُؤا ہو

اور اُس کی شاخیں دِیوار پرپَھیل گئی ہوں ۔

23 تِیر اندازوں نے اُسے بُہت چھیڑا

اور مارا اور ستایا ہے

24 لیکن اُس کی کمان مضبُوط رہی

اور اُس کے ہاتھوں اور بازُوؤں نے

یعقُوب کے قادِر کے ہاتھ سے قُوّت پائی ۔

(وہِیں سے وہ چَوپان اُٹھا ہے جو اِسرا ئیل کی چٹان

ہے۔)

25 یہ تیرے باپ کے خُدا کا کام ہے جو تیری مدد

کرے گا ۔

اُسی قادِرِمُطلق کا کام

جو اُوپر سے آسمان کی برکتیں

اور نِیچے سے گہرے سمُندر کی برکتیں

اور چھاتیوں اور رَحِموں کی برکتیں عطا کرے گا ۔

26 تیرے باپ کی برکتیں

میرے باپ دادا کی برکتوں سے کہِیں زِیادہ ہیں

اور قدِیم پہاڑوں کی اِنتہا تک پُہنچی ہیں ۔

وہ یُوسف کے سر بلکہ اُس کے سر کی چاندی پر

جو اپنے بھائِیوں سے جُدا ہُؤا نازِل ہوں گی۔

27 بِنیمین پھاڑنے والا بھیڑیا ہے ۔

وہ صُبح کو شِکار کھائے گا

اور شام کولُوٹ کا مال بانٹے گا۔

28 اِسرائیل کے بارہ قبیلے یِہی ہیں اور اُن کے باپ نے جو جو باتیں کہہ کر اُن کو برکت دی وہ بھی یِہی ہیں ۔ ہر ایک کو اُس کی برکت کے مُوافِق اُس نے برکت دی۔

یعقُوب کی وفات اور تدفین

29 پِھر اُس نے اُن کوحُکم کِیا اور کہا کہ مَیں اپنے لوگوں میں شامِل ہونے پر ہُوں ۔ مُجھے میرے باپ دادا کے پاس اُس مغارہ میں جو عِفرون حِتّی کے کھیت میں ہے دفن کرنا۔

30 یعنی اُس مغارہ میں جو مُلکِ کنعان میں مَمرے کے سامنے مَکفیلہ کے کھیت میں ہے جِسے ابرہام نے کھیت سمیت عِفرون حِتّی سے مول لیا تھا تاکہ گورِستان کے لِئے وہ اُس کی مِلکِیّت بن جائے۔

31 وہاں اُنہوں نے ابرہام کو اور اُس کی بیوی سارہ کو دفن کِیا ۔ وہِیں اُنہوں نے اِضحاق اور اُس کی بیوی رِبقہ کو دفن کِیا اور وہِیں مَیں نے بھی لیاہ کو دفن کِیا۔

32 یعنی اُسی کھیت کے مغارہ میں جو بنی حِت سے خریدا تھا۔

33 اور جب یعقُوب اپنے بیٹوں کو وصِیّت کر چُکا تو اُس نے اپنے پاؤں بچَھونے پر سمیٹ لِئے اور دَم چھوڑ دِیا اور اپنے لوگوں میں جا مِلا۔

پَیدایش 50

1 تب یُوسف اپنے باپ کے مُنہ سے لِپٹ کر اُس پر رویا اور اُس کو چُوما۔

2 اور یُوسف نے اُن طبِیبوں کو جو اُس کے نوکر تھے اپنے باپ کی لاش میں خُوشبُو بھرنے کا حُکم دِیا ۔ سو طبِیبوں نے اِسرائیل کی لاش میں خُوشبُو بھری۔

3 اور اُس کے چالِیس دِن پُورے ہُوئے کیونکہ خُوشبُو بھرنے میں اِتنے ہی دِن لگتے ہیں اور مِصری اُس کے لِئے ستّر دِن تک ماتم کرتے رہے۔

4 اور جب ماتم کے دِن گُذر گئے تو یُوسف نے فِرعون کے گھر کے لوگوں سے کہا اگر مُجھ پر تُمہارے کرم کی نظر ہے تو فِرعون سے ذرا عرض کر دو۔

5 کہ میرے باپ نے یہ مُجھ سے قَسم لے کر کہا ہے کہ مَیں تو مَرتا ہُوں ۔ تُو مُجھ کو میری گور میں جو مَیں نے مُلکِ کنعان میں اپنے لِئے کُھدوائی ہے دفن کرنا اِس لِئے ذرا مُجھے اِجازت دے کہ مَیں وہاں جا کر اپنے باپ کو دفن کرُوں اور مَیں لَوٹ کر آ جاؤں گا۔

6 فِرعون نے کہا کہ جا اور اپنے باپ کو جَیسے اُس نے تُجھ سے قَسم لی ہے دفن کر۔

7 سو یُوسف اپنے باپ کو دفن کرنے چلا اور فِرعون کے سب خادِم اور اُس کے گھر کے مشائخ اور مُلکِ مِصر کے سب مشائخ۔

8 اور یُوسف کے گھر کے سب لوگ اور اُس کے بھائی اور اُس کے باپ کے گھر کے آدمی اُس کے ساتھ گئے ۔ وہ صِرف اپنے بال بچّے اور بھیڑ بکریاں اور گائے بَیل جشن کے علاقہ میں چھوڑ گئے۔

9 اور اُس کے ساتھ رتھ اور سوار بھی گئے ۔ سو ایک بڑا انبوہ اُس کے ساتھ تھا۔

10 اور وہ اتد کے کھلیہان پر جو یَردن کے پار ہے پُہنچے اور وہاں اُنہوں نے بُلند اور دِل سوز آواز سے نوحہ کِیا اور یُوسف نے اپنے باپ کے لِئے سات دِن تک ماتم کرایا۔

11 اور جب اُس مُلک کے باشِندوں یعنی کنعانیوں نے اتد میں کھلیہان پر اِس طرح کا ماتم دیکھا تو کہنے لگے کہ مِصرِیوں کا یہ بڑا درد ناک ماتم ہے ۔ سو وہ جگہ ابیل مِصرِِئیم کہلائی اور وہ یَردن کے پار ہے۔

12 اور یعقُوب کے بیٹوں نے جَیسا اُس نے اُن کو حُکم کِیا تھا وَیسا ہی اُس کے لِئے کِیا۔

13 کیونکہ اُنہوں نے اُسے مُلک ِکنعان میں لے جا کر مَمرے کے سامنے مَکفیلہ کے کھیت کے مغارہ میں جِسے ابرہام نے عِفرون حِتّی سے خرِید کر گورِستان کے لِئے اپنی مِلکِیّت بنا لِیا تھا دفن کِیا۔

14 اور یُوسف اپنے باپ کو دفن کر کے اپنے بھائِیوں اور اُن کے ساتھ جو اُس کے باپ کو دفن کرنے کے لِئے اُس کے ساتھ گئے تھے مِصر کولَوٹا۔

یُوسف اپنے بھائیوں کو دوبارہ یقِین دِلاتا ہے

15 اور یُوسف کے بھائی یہ دیکھ کر کہ اُن کا باپ مَر گیا کہنے لگے کہ یُوسف شاید ہم سے دُشمنی کرے اور ساری بدی کا جو ہم نے اُس سے کی ہے پُورا بدلہ لے۔

16 سو اُنہوں نے یُوسف کو یہ کہلا بھیجا کہ تیرے باپ نے اپنے مَرنے سے آگے یہ حُکم کِیا تھا۔

17 کہ تُم یُوسف سے کہنا کہ اپنے بھائِیوں کی خطا اور اُن کا گُناہ اب بخش دے کیونکہ اُنہوں نے تُجھ سے بدی کی ۔ سو اب تُو اپنے باپ کے خُدا کے بندوں کی خطا بخش دے اور یُوسف اُن کی یہ باتیں سُن کر رویا۔

18 اور اُس کے بھائِیوں نے خُود بھی اُس کے سامنے جا کر اپنے سر ٹیک دِئے اور کہا دیکھ ہم تیرے خادِم ہیں۔

19 یُوسف نے اُن سے کہا مت ڈرو ۔ کیا مَیں خُدا کی جگہ پر ہُوں؟۔

20 تُم نے تو مُجھ سے بدی کرنے کا اِرادہ کِیا تھا لیکن خُدا نے اُسی سے نیکی کا قصد کِیا تاکہ بُہت سے لوگوں کی جان بچائے چُنانچہ آج کے دِن اَیسا ہی ہو رہا ہے۔

21 اِس لِئے تُم مت ڈرو ۔ مَیں تُمہاری اور تُمہارے بال بچّوں کی پرورِش کرتا رہُوں گا ۔ یُوں اُس نے اپنی ملائم باتوں سے اُن کی خاطِر جمع کی۔

یُوسف کی وفات

22 اور یُوسف اور اُس کے باپ کے گھر کے لوگ مِصر میں رہے اور یُوسف ایک سَو دس برس تک جِیتا رہا۔

23 اور یُوسف نے افرائِیم کی اَولاد تِیسری پُشت تک دیکھی اور منسّی کے بیٹے مکِیر کی اَولاد کو بھی یُوسف نے اپنے گُھٹنوں پر کھلایا۔

24 اور یُوسف نے اپنے بھائِیوں سے کہا مَیں مَرتا ہُوں اور خُدا یقیناً تُم کو یاد کرے گا اور تُم کو اِس مُلک سے نِکال کر اُس مُلک میں پُہنچائے گا جِس کے دینے کی قَسم اُس نے ابرہام اور اِضحاق اور یعقُوب سے کھائی تھی۔

25 اور یُوسف نے بنی اِسرائیل سے قَسم لے کر کہا خُدا یقیناً تُم کو یاد کرے گا ۔ سو تُم ضرُور ہی میری ہڈَّیوں کو یہاں سے لے جانا۔

26 اور یُوسف نے ایک سَو دس برس کا ہو کر وفات پائی اور اُنہوں نے اُس کی لاش میں خُوشبُو بھری اور اُسے مِصر ہی میں تابُوت میں رکھّا۔