خُرُوج 32

سونے کا بچھڑا

1 اور جب لوگوں نے دیکھا کہ مُوسیٰ نے پہاڑ سے اُترنے میں دیر لگائی تو وہ ہارُو ن کے پاس جمع ہو کر اُس سے کہنے لگے کہ اُٹھ ہمارے لِئے دیوتا بنا دے جو ہمارے آگے آگے چلے کیونکہ ہم نہیں جانتے کہ اِس مَرد مُوسیٰ کو جو ہم کو مُلکِ مِصر سے نِکال کر لایا کیا ہو گیا۔

2 ہارُو ن نے اُن سے کہا تُمہاری بیویوں اور لڑکوں اور لڑکیوں کے کانوں میں جو سونے کی بالِیاں ہیں اُن کو اُتار کر میرے پاس لے آؤ۔

3 چُنانچہ سب لوگ اُن کے کانوں سے سونے کی بالیاں اُتار اُتار کر اُن کو ہارُو ن کے پاس لے آئے۔

4 اور اُس نے اُن کو اُن کے ہاتھوں سے لے کر ایک ڈھالا ہُؤا بچھڑا بنایا جِس کی صُورت چَھینی سے ٹھیک کی ۔

تب وہ کہنے لگے اَے اِسرا ئیل یہی تیرا وہ دیوتا ہے جو تُجھ کو مُلکِ مِصر سے نِکال کر لایا۔

5 یہ دیکھ کر ہارُو ن نے اُس کے آگے ایک قُربان گاہ بنائی اور اُس نے اِعلان کر دِیا کہ کل خُداوند کے لِئے عِید ہو گی۔

6 اور دُوسرے دِن صُبح سویرے اُٹھ کر اُنہوں نے قُربانیاں چڑھائیں اور سلامتی کی قُربانیاں گُذرانیں ۔ پِھر اُن لوگوں نے بَیٹھ کر کھایا پِیا اور اُٹھ کر کھیل کُود میں لگ گئے۔

7 تب خُداوند نے مُوسیٰ کو کہا نِیچے جا کیونکہ تیرے لوگ جِن کو تُو مُلکِ مِصر سے نِکال لایا بِگڑ گئے ہیں۔

8 وہ اُس راہ سے جِس کا مَیں نے اُن کو حُکم دِیا تھا بُہت جلد پِھر گئے ہیں ۔ اُنہوں نے اپنے لِئے ڈھالا ہُؤابچھڑا بنایا اور اُسے پُوجا اور اُس کے لِئے قُربانی چڑھا کر یہ بھی کہا کہ اَے اِسرا ئیل یہ تیرا وہ دیوتا ہے جو تُجھ کو مُلکِ مِصر سے نِکال کر لایا۔

9 اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ مَیں اِس قَوم کو دیکھتا ہُوں کہ یہ گردن کش قَوم ہے۔

10 اِس لِئے تُو مُجھے اب چھوڑ دے کہ میرا غضب اُن پر بھڑکے اور مَیں اُن کو بھسم کر دُوں اور مَیں تُجھے ایک بڑی قَوم بناؤُں گا۔

11 تب مُوسیٰ نے خُداوند اپنے خُدا کے آگے مِنّت کر کے کہا اَے خُداوند کیوں تیرا غضب اپنے لوگوں پر بھڑکتا ہے جِن کو تُو قُوّتِ عظِیم اور دستِ قَوی سے مُلکِ مِصر سے نِکال کر لایا ہے؟۔

12 مِصری لوگ یہ کیوں کہنے پائیں کہ وہ اُن کو بُرائی کے لِئے نِکال لے گیا تاکہ اُن کو پہاڑوں میں مار ڈالے اور اُن کو رُویِ زمِین پر سے فنا کر دے؟ سو تُو اپنے قہر و غضب سے باز رہ اور اپنے لوگوں سے اِس بُرائی کرنے کے خیال کو چھوڑ دے۔

13 تُو اپنے بندوں ابرہام اور اِضحا ق اور یعقُو ب کو یاد کر جِن سے تُو نے اپنی ہی قَسم کھا کر یہ کہا تھا کہ مَیں تُمہاری نسل کو آسمان کے تاروں کی مانِند بڑھاؤُں گا اور یہ سارا مُلک جِس کا مَیں نے ذِکر کِیا ہے تُمہاری نسل کو بخشُوں گا کہ وہ سدا اُس کے مالِک رہیں۔

14 تب خُداوند نے اُس بُرائی کے خیال کو چھوڑ دِیا جو اُس نے کہا تھا کہ اپنے لوگوں سے کرے گا۔

15 اور مُوسیٰ شہادت کی دونوں لَوحیں ہاتھ میں لِئے ہُوئے اُلٹا پِھرا اور پہاڑ سے نِیچے اُترا اور وہ لَوحیں اِدھر سے اور اُدھر سے دونوں طرف سے لِکھی ہُوئی تِھیں۔

16 اور وہ لَوحیں خُدا ہی کی بنائی ہُوئی تِھیں اور جو لِکھا ہُؤا تھا وہ بھی خُدا ہی کا لِکھا اور اُن پر کندہ کِیا ہُؤا تھا۔

17 اور جب یشُو ع نے لوگوں کی للکار کی آواز سُنی تو مُوسیٰ سے کہا کہ لشکرگاہ میں لڑائی کا شور ہو رہا ہے۔

18 مُوسیٰ نے کہا یہ آواز نہ تو فتح مندوں کا نعرہ ہے نہ مغلُوبوں کی فریاد بلکہ مُجھے تو گانے والوں کی آواز سُنائی دیتی ہے۔

19 اور لشکرگاہ کے نزدِیک آکر اُس نے وہ بچھڑا اور اُن کا ناچنا دیکھا ۔ تب مُوسیٰ کا غضب بھڑکا اور اُس نے اُن لَوحوں کو اپنے ہاتھوں میں سے پٹک دِیا اور اُن کو پہاڑ کے نِیچے توڑ ڈالا۔

20 اور اُس نے اُس بچھڑے کو جِسے اُنہوں نے بنایا تھا لِیا اور اُس کو آگ میں جلایا اور اُسے بارِیک پِیس کر پانی پر چِھڑکا اور اُسی میں سے بنی اِسرائیل کو پِلوایا۔

21 اور مُوسیٰ نے ہارُو ن سے کہا کہ اِن لوگوں نے تیرے ساتھ کیا کِیا تھا جو تُو نے اِن کو اِتنے بڑے گُناہ میں پھنسا دِیا۔

22 ہارُو ن نے کہا کہ میرے مالِک کا غضب نہ بھڑکے ۔ تُو اِن لوگوں کو جانتا ہے کہ بدی پر تُلے رہتے ہیں۔

23 چُنانچہ اِنہی نے مُجھ سے کہا کہ ہمارے لِئے دیوتا بنا دے جو ہمارے آگے آگے چلے کیونکہ ہم نہیں جانتے کہ اِس آدمی مُوسیٰ کو جو ہم کو مُلکِ مِصر سے نِکال کر لایا کیا ہو گیا۔

24 تب مَیں نے اِن سے کہا کہ جِس جِس کے ہاں سونا ہو وہ اُسے اُتار لائے ۔ پس اُنہوں نے اُسے مُجھ کو دِیا اور مَیں نے اُسے آگ میں ڈالا تو یہ بچھڑا نِکل پڑا۔

25 جب مُوسیٰ نے دیکھا کہ لوگ بے قابُو ہو گئے کیونکہ ہارُو ن نے اُن کو بے لگام چھوڑ کر اُن کو اُن کے دُشمنوں کے درمیان ذلِیل کر دِیا۔

26 تو مُوسیٰ نے لشکرگاہ کے دروازہ پر کھڑے ہو کر کہا جو جو خُداوند کی طرف ہے وہ میرے پاس آ جائے ۔ تب سب بنی لاوی اُس کے پاس جمع ہو گئے۔

27 اور اُس نے اُن سے کہا کہ خُداوند اِسرا ئیل کا خُدا یُوں فرماتا ہے کہ تُم اپنی اپنی ران سے تلوار لٹکا کر پھاٹک پھاٹک گُھوم گُھوم کر سارے لشکرگاہ میں اپنے اپنے بھائیوں اور اپنے اپنے ساتھیوں اور اپنے اپنے پڑوسیوں کو قتل کرتے پِھرو۔

28 اور بنی لاوی نے مُوسیٰ کے کہنے کے مُوافِق عمل کِیا ۔ چُنانچہ اُس دِن لوگوں میں سے قریباً تِین ہزار مَرد کھیت آئے۔

29 اور مُوسیٰ نے کہا کہ آج خُداوند کے لِئے اپنے آپ کو مخصُوص کرو بلکہ ہر شخص اپنے ہی بیٹے اور اپنے ہی بھائی کے خِلاف ہو تاکہ وہ تُم کو آج ہی برکت دے۔

30 اور دُوسرے دِن مُوسیٰ نے لوگوں سے کہا کہ تُم نے بڑا گُناہ کِیا اور اب مَیں خُداوند کے پاس اُوپر جاتا ہُوں ۔ شاید مَیں تُمہارے گُناہ کا کفّارہ دے سکُوں۔

31 اور مُوسیٰ خُداوند کے پاس لَوٹ کر گیا اور کہنے لگا ہائے اِن لوگوں نے بڑا گُناہ کِیا کہ اپنے لِئے سونے کا دیوتا بنایا۔

32 اور اب اگر تُو اِن کا گُناہ مُعاف کر دے تو خَیر ورنہ میرا نام اُس کِتاب میں سے جو تُو نے لِکھی ہے مِٹا دے۔

33 اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ جِس نے میرا گُناہ کِیا ہے مَیں اُسی کے نام کو اپنی کِتاب میں سے مِٹاؤں گا۔

34 اب تُو روانہ ہو اور لوگوں کو اُس جگہ لے جا جو مَیں نے تُجھے بتائی ہے ۔ دیکھ میرا فرِشتہ تیرے آگے آگے چلے گا لیکن مَیں اپنے مُطالبہ کے دِن اُن کو اُن کے گُناہ کی سزا دُوں گا۔

35 اور خُداوند نے اُن لوگوں میں مَری بھیجی کیونکہ جو بچھڑا ہارُو ن نے بنایا وہ اُن ہی کا بنوایا ہُؤا تھا۔

خُرُوج 33

خُداوند اِسرائیلیوں کو کوہِ سِینا سے کُوچ کا حُکم دیتا ہے

1 اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ اُن لوگوں کو اپنے ساتھ لے کر جِن کو تُو مُلکِ مِصر سے نِکال کر لایا یہاں سے اُس مُلک کی طرف روانہ ہو جِس کے بارے میں ابرہا م اور اِضحا ق اور یعقُوب سے مَیں نے قَسم کھا کر کہا تھا کہ اِسے مَیں تیری نسل کو دُوں گا۔

2 اور مَیں تیرے آگے آگے ایک فرِشتہ کو بھیجُوں گا اور مَیں کنعانیوں اور امورِیوں اور حِتّیوں اور فرزّیوں اور حوّ یوں اور یبوسیوں کو نِکال دُوں گا۔

3 اُس مُلک میں دُودھ اور شہد بہتا ہے اور چُونکہ تُو گردن کش قَوم ہے اِس لِئے مَیں تیرے بِیچ میں ہو کر نہ چلُوں گا تا اَیسا نہ ہو کہ مَیں تُجھ کو راہ میں فنا کر ڈالُوں۔

4 لوگ اِس وحشت ناک خبر کو سُن کر غمگِین ہُوئے اور کِسی نے اپنے زیور نہ پہنے۔

5 کیونکہ خُداوند نے مُوسیٰ سے کہہ دِیا تھا کہ بنی اِسرائیل سے کہنا کہ تُم گردن کش لوگ ہو ۔ اگر مَیں ایک لمحہ بھی تیرے بِیچ میں ہو کر چلُوں تو تُجھ کو فنا کر دُوں گا ۔ سو تُو اپنے زیور اُتار ڈال تاکہ مُجھے معلُوم ہو کہ تیرے ساتھ کیا کرنا چاہئے۔

6 چُنانچہ بنی اِسرائیل حورِ ب پہاڑ سے لے کر آگے آگے اپنے زیوروں کو اُتارے رہے۔

خُدا اپنے لوگوں کے ساتھ

7 اور مُوسیٰ خَیمہ کو لے کر اُسے لشکرگاہ سے باہر بلکہ لشکرگاہ سے دُور لگا لِیا کرتا تھا اور اُس کا نام خَیمۂِ اِجتماع رکھّا اور جو کوئی خُداوند کا طالِب ہوتا وہ لشکرگاہ کے باہر اُسی خَیمہ کی طرف چلا جاتا تھا۔

8 اور جب مُوسیٰ باہر خَیمہ کی طرف جاتا تو سب لوگ اُٹھ کر اپنے اپنے ڈیرے کے دروازہ پر کھڑے ہو جاتے اور مُوسیٰ کے پِیچھے دیکھتے رہتے تھے جب تک وہ خَیمہ کے اندر داخِل نہ ہو جاتا۔

9 اور جب مُوسیٰ خَیمہ کے اندر چلا جاتا تو ابر کا سُتُون اُتر کر خَیمہ کے دروازہ پر ٹھہرا رہتا اور خُداوند مُوسیٰ سے باتیں کرنے لگتا۔

10 اور سب لوگ ابر کے سُتُون کو خَیمہ کے دروازہ پر ٹھہرا ہُؤا دیکھتے تھے اور سب لوگ اُٹھ اُٹھ کر اپنے اپنے ڈیرے کے دروازہ پر سے اُسے سِجدہ کرتے تھے۔

11 اور جَیسے کوئی شخص اپنے دوست سے بات کرتا ہے وَیسے ہی خُداوند رُوبرُو ہو کر مُوسیٰ سے باتیں کرتا تھا اور مُوسیٰ لشکرگاہ کو لَوٹ آتا تھا پر اُس کا خادِم یشُو ع جو نُون کا بیٹا اور جوان آدمی تھا خَیمہ سے باہر نہیں نِکلتا تھا۔

خُداوند اپنے لوگوں کے ساتھ رہنے کا وعدہ کرتا ہے

12 اور مُوسیٰ نے خُداوند سے کہا دیکھ تُو مُجھ سے کہتا ہے کہ اِن لوگوں کو لے چل پر مُجھے یہ نہیں بتایا کہ تُو کِس کو میرے پاس بھیجے گا حالانکہ تُو نے یہ بھی کہا ہے کہ مَیں تُجھ کو بنام جانتا ہُوں اور تُجھ پر میرے کرم کی نظر ہے۔

13 پس اگر مُجھ پر تیرے کرم کی نظر ہے تو مُجھ کو اپنی راہ بتا جِس سے مَیں تُجھے پہچان لُوں تاکہ مُجھ پر تیرے کرم کی نظر رہے اور یہ خیال رکھ کہ یہ قَوم تیری ہی اُمّت ہے۔

14 تب اُس نے کہا مَیں ساتھ چلُوں گا اور تُجھے آرام دُوں گا۔

15 مُوسیٰ نے کہا اگر تُو ساتھ نہ چلے تو ہم کو یہاں سے آگے نہ لے جا۔

16 کیونکہ یہ کیونکر معلُوم ہو گا کہ مُجھ پر اور تیرے لوگوں پر تیرے کرم کی نظر ہے؟ کیا اِسی طرِیق سے نہیں کہ تُو ہمارے ساتھ ساتھ چلے تاکہ مَیں اور تیرے لوگ رُویِ زمِین کی سب قَوموں سے نِرالے ٹھہریں؟۔

17 خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا مَیں یہ کام بھی جِس کا تُو نے ذِکر کِیا ہے کرُوں گا کیونکہ تُجھ پر میرے کرم کی نظر ہے اور مَیں تُجھ کو بنام پہچانتا ہُوں۔

18 تب وہ بول اُٹھا کہ مَیں تیری مِنّت کرتا ہُوں مُجھے اپنا جلال دِکھا دے۔

19 اُس نے کہا مَیں اپنی ساری نیکی تیرے سامنے ظاہِر کرُوں گا اور تیرے ہی سامنے خُداوند کے نام کا اِعلان کرُوں گا اور مَیں جِس پر مہربان ہونا چاہُوں مہربان ہُوں گا اور جِس پر رحم کرنا چاہُوں رحم کرُوں گا۔

20 اور یہ بھی کہا تُو میرا چہرہ نہیں دیکھ سکتا کیونکہ اِنسان مُجھے دیکھ کر زِندہ نہیں رہے گا۔

21 پِھر خُداوند نے کہا دیکھ میرے قرِیب ہی ایک جگہ ہے سو تُو اُس چٹان پر کھڑا ہو۔

22 اور جب تک میرا جلال گُذرتا رہے گا مَیں تُجھے اُس چٹان کے شِگاف میں رکھّوں گا اور جب تک مَیں نِکل نہ جاؤُں تُجھے اپنے ہاتھ سے ڈھانکے رہُوں گا۔

23 اِس کے بعد میں اپنا ہاتھ اُٹھالُوں گا اور تُو میرا پِیچھا دیکھے گا لیکن میرا چہرہ دِکھائی نہیں دے گا۔

خُرُوج 34

پتھّر کی لَوحوں کا دُوسرا جوڑا

1 پِھر خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا پہلی لَوحوں کی مانِند پتّھر کی دو لَوحیں اپنے لِئے تراش لینا اور مَیں اُن لَوحوں پر وُہی باتیں لِکھ دُوں گا جو پہلی لَوحوں پر جِن کو تُو نے توڑ ڈالا مرقُوم تِھیں۔

2 اور صُبح تک تیّار ہو جانا اور سویرے ہی کوہِ سِینا پر آکر وہاں پہاڑ کی چوٹی پر میرے سامنے حاضِر ہونا۔

3 پر تیرے ساتھ کوئی اَور آدمی نہ آئے اور نہ پہاڑ پر کہِیں کوئی دُوسرا شخص دِکھائی دے ۔ بھیڑ بکریاں اور گائے بَیل بھی پہاڑ کے سامنے چرنے نہ پائیں۔

4 اور مُوسیٰ نے پہلی لَوحوں کی مانِند پتّھر کی دو لَوحیں تراشِیں اور صُبح سویرے اُٹھ کر پتّھر کی دونوں لَوحیں ہاتھ مَیں لِئے ہُوئے خُداوند کے حُکم کے مُطابِق کوہِ سِینا پر چڑھ گیا۔

5 تب خُداوند ابر میں ہو کر اُترا اور اُس کے ساتھ وہاں کھڑے ہو کر خُداوند کے نام کا اِعلان کِیا۔

6 اور خُداوند اُس کے آگے سے یہ پُکارتا ہُؤا گُذرا خُداوند خُداوند خُدایِ رحیم اور مہربان قہر کرنے میں دِھیما اور شفقت اور وفا میں غنی۔

7 ہزاروں پر فضل کرنے والا ۔ گُناہ اور تقصِیر اور خطا کا بخشنے والا لیکن وہ مُجرِم کو ہرگِز بری نہیں کرے گا بلکہ باپ دادا کے گُناہ کی سزا اُن کے بیٹوں اور پوتوں کو تِیسری اور چَوتھی پُشت تک دیتا ہے۔

8 تب مُوسیٰ نے جلدی سے سر جُھکا کر سِجدہ کِیا۔

9 اور کہا اَے خُداوند اگر مُجھ پر تیرے کرم کی نظر ہے تو اَے خُداوند مَیں تیری مِنّت کرتا ہُوں کہ ہمارے بِیچ میں ہو کر چل گو یہ قَوم گردن کش ہے اور تُو ہمارے گُناہ اور خطا کو مُعاف کر اور کو اپنی میِراث کر لے۔

عہد کی تجدِید

10 اُس نے کہا دیکھ مَیں عہد باندھتا ہُوں کہ تیرے سب لوگوں کے سامنے اَیسی کرامات کرُوں گا جو دُنیا بھر میں اور کِسی قَوم میں کبھی کی نہیں گئیں اور وہ سب لوگ جِن کے بِیچ تُو رہتا ہے خُداوند کے کام کو دیکھیں گے کیونکہ جو مَیں تُم لوگوں سے کرنے کو ہُوں وہ ہیبت ناک کام ہو گا۔

11 آج کے دِن جو حُکم مَیں تُجھے دیتا ہُوں تُو اُسے یاد رکھنا ۔ دیکھ مَیں امورِیوں اور کنعانیوں اور حِتّیوں اور فرزّیوں اور حوّ یوں اور یبوسیوں کو تیرے آگے سے نِکالتا ہُوں۔

12 سو خبردار رہنا کہ جِس مُلک کو تُو جاتا ہے اُس کے باشِندوں سے کوئی عہد نہ باندھنا ۔ اَیسا نہ ہو کہ وہ تیرے لِئے پھندا ٹھہرے۔

13 بلکہ تُم اُن کی قُربان گاہوں کو ڈھا دینا اور اُن کے سُتُونوں کے ٹُکڑے ٹُکڑے کر دینا اور اُن کی یسِیرتوں کو کاٹ ڈالنا۔

14 کیونکہ تُجھ کو کِسی دُوسرے معبُود کی پرستِش نہیں کرنی ہو گی اِس لِئے کہ خُداوند جِس کا نام غیُور ہے وہ خُدایِ غیُور ہے بھی۔

15 سو اَیسا نہ ہو کہ تُو اُس مُلک کے باشِندوں سے کوئی عہد باندھ لے اور جب وہ اپنے معبُودوں کی پَیروی میں زِناکار ٹھہریں اور اپنے معبُودوں کے لِئے قُربانی کریں اور کوئی تُجھ کو دعوت دے اور تُو اُس کی قُربانی میں سے کُچھ کھا لے۔

16 اور تُو اُن کی بیٹِیاں اپنے بیٹوں سے بیاہے اور اُن کی بیٹِیاں اپنے معبُودوں کی پَیروی میں زِناکار ٹھہریں اور تیرے بیٹوں کو بھی اپنے معبُودوں کی پَیروی میں زِناکار بنا دیں۔

17 تُو اپنے لِئے ڈھالے ہُوئے دیوتا نہ بنا لینا۔

18 تُو بے خمِیری روٹی کی عِید مانا کرنا ۔ میرے حُکم کے مُطابِق سات دِن تک ابیب کے مہِینے میں وقتِ مُعیّنہ پر بے خمِیری روٹیاں کھانا کیونکہ ماہِ ابیب میں تُو مِصر سے نِکلا تھا۔

19 سب پہلوٹھے میرے ہیں اور تیرے چَوپایوں میں جو نر پہلوٹھے ہوں کیا بچھڑے کیا برّے سب میرے ہوں گے۔

20 لیکن گدھے کے پہلے بچّے کا فِدیہ برّہ دے کر ہو گا اور اگر تُو فِدیہ دینا نہ چاہے تو اُس کی گردن توڑ ڈالنا پر اپنے سب پہلوٹھے بیٹوں کا فِدیہ ضرُور دینا

اور کوئی میرے سامنے خالی ہاتھ دِکھائی نہ دے۔

21 چھ دِن کام کاج کرنا لیکن ساتویں دِن آرام کرنا ۔ ہل جوتنے اور فصل کاٹنے کے مَوسم میں بھی آرام کرنا۔

22 اور تُو گیہُوں کے پہلے پَھل کے کاٹنے کے وقت ہفتوں کی عِید اور سال کے آخِر میں فصل جمع کرنے کی عِید مانا کرنا۔

23 تیرے سب مَرد سال میں تِین بار خُداوند خُداکے آگے جو اِسرا ئیل کا خُدا ہے حاضِر ہوں۔

24 کیونکہ مَیں قَوموں کو تیرے آگے سے نِکال کر تیری سرحدّوں کو بڑھا دُوں گا اور جب سال میں تِین بارتُو خُداوند اپنے خُدا کے آگے حاضِر ہو گا تو کوئی شخص تیری زمِین کا لالچ نہ کرے گا۔

25 تُو میری قُربانی کا خُون خمِیری روٹی کے ساتھ نہ گُذراننا اور عِیدِ فَسح کی قُربانی میں سے کُچھ صُبح تک باقی نہ رہنے دینا۔

26 اپنی زمِین کی پہلی پَیداوار کا پہلا پَھل خُداوند اپنے خُدا کے گھر میں لانا ۔

حلوان کو اُسی کی ماں کے دُودھ میں نہ پکانا۔

27 اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ تُو یہ باتیں لِکھ کیونکہ اِن ہی باتوں کے مفہُوم کے مُطابِق مَیں تُجھ سے اور اِسرا ئیل سے عہد باندھتا ہُوں۔

28 سو وہ چالِیس دِن اور چالِیس رات وہیں خُداوند کے پاس رہا اور نہ روٹی کھائی نہ پانی پِیا اور اُس نے اُن لَوحوں پر اُس عہد کی باتوں کو یعنی دس احکام کو لِکھا۔

مُوسیٰ کوہِ سِینا سے اُترتا ہے

29 اور جب مُوسیٰ شہادت کی دونوں لَوحیں اپنے ہاتھ میں لِئے ہُوئے کوہِ سِینا سے اُترا آتا تھا تو پہاڑ سے نِیچے اُترتے وقت اُسے خبر نہ تھی کہ خُداوند کے ساتھ باتیں کرنے کی وجہ سے اُس کا چِہرہ چمک رہا ہے۔

30 اور جب ہارُو ن اور بنی اِسرائیل نے مُوسیٰ پر نظر کی اور اُس کے چِہرہ کو چمکتے دیکھا تو اُس کے نزدِیک آنے سے ڈرے۔

31 تب مُوسیٰ نے اُن کو بُلایا اور ہارُو ن اور جماعت کے سب سردار اُس کے پاس لَوٹ آئے اور مُوسیٰ اُن سے باتیں کرنے لگا۔

32 اور بعد میں سب بنی اِسرائیل نزدِیک آئے اور اُس نے وہ سب احکام جو خُداوند نے کوہِ سِینا پر باتیں کرتے وقت اُسے دِئے تھے اُن کو بتائے۔

33 اور جب مُوسیٰ اُن سے باتیں کر چُکا تو اُس نے اپنے مُنہ پر نقاب ڈال لِیا۔

34 اور جب مُوسیٰ خُداوند سے باتیں کرنے کے لِئے اُس کے سامنے جاتا تو باہر نِکلنے کے وقت تک نقاب کو اُتارے رہتا تھا اور جو حُکم اُسے مِلتا تھا وہ اُسے باہر آکر بنی اِسرائیل کو بتا دیتا تھا۔

35 اور بنی اِسرائیل مُوسیٰ کے چِہرہ کو دیکھتے تھے کہ اُس کے چِہرہ کی جِلد چمک رہی ہے اور جب تک مُوسیٰ خُداوند سے باتیں کرنے نہ جاتا تب تک اپنے مُنہ پر نقاب ڈالے رہتا تھا۔

خُرُوج 35

سبت کے لِئے ضوابِط

1 اور مُوسیٰ نے بنی اِسرائیل کی ساری جماعت کو جمع کر کے کہا جِن باتوں پر عمل کرنے کا حُکم خُداوند نے تُم کو دِیا ہے وہ یہ ہیں۔

2 چھ دِن کام کاج کِیا جائے لیکن ساتواں دِن تُمہارے لِئے روزِ مُقدّس یعنی خُداوند کے آرام کا سبت ہو ۔ جو کوئی اُس میں کُچھ کام کرے وہ مار ڈالا جائے۔

3 تُم سبت کے دِن اپنے گھروں میں کہیں بھی آگ نہ جلانا۔

خَیمۂِ اِجتماع کے لِئے نذرانے

4 اور مُوسیٰ نے بنی اِسرائیل کی ساری جماعت سے کہا جِس بات کا حُکم خُداوند نے دِیا ہے وہ یہ ہے کہ۔

5 تُم اپنے پاس سے خُداوند کے لِئے ہدیہ لایا کرو ۔ جِس کِسی کے دِل کی خُوشی ہو وہ خُداوند کا ہدیہ لائے ۔ سونا اور چاندی اور پِیتل۔

6 اور آسمانی رنگ اور ارغوانی رنگ اور سُرخ رنگ کے کپڑے اور مہِین کتان اور بکریوں کی پشم۔

7 اور مینڈھوں کی سُرخ رنگی ہُوئی کھالیں اور تخس کی کھالیں اور کِیکر کی لکڑی۔

8 اور جلانے کا تیل اور مَسح کرنے کے تیل کے لِئے اور خُوشبُودار بخُور کے لِئے مصالِح۔

9 اور افُود اور سِینہ بند کے لِئے سُلیمانی پتّھر اور اَور جڑاؤ پتّھر۔

مسکن کے لِئے ساز و سامان

10 اور تُمہارے درمیان جو رَوشن ضمِیر ہیں وہ آکر وہ چِیزیں بنائیں جِن کا حُکم خُداوند نے دِیا ہے۔

11 یعنی مسکن اور اُس کا خَیمہ اور غِلاف اور اُس کی گُھنڈیاں اور تختے اور بینڈے اور اُس کے سُتُون اور خانے۔

12 صندُوق اور اُس کی چوبیں ۔ سرپوش اور بیچ کا پردہ۔

13 میز اور اُس کی چوبیں اور اُس کے سب ظرُوف اور نذر کی روٹیاں۔

14 اور رَوشنی کے لِئے شمعدان اور اُس کے برتن اور چراغ اور جلانے کا تیل۔

15 اور بخُور جلانے کی قُربان گاہ اور اُس کی چوبیں اور مَسح کرنے کا تیل اور خُوشبُودار بخُور اور مسکن کے دروازہ کے لِئے دروازہ کا پردہ۔

16 اور سوختنی قُربانی کا مذبح اور اُس کے لِئے پِیتل کی جھنجری اور اُس کی چوبیں اور اُس کے سب ظرُوف اور حَوض اور اُس کی کُرسی۔

17 اور صحن کے پردے سُتُونوں سمیت اور اُن کے خانے اور صحن کے دروازہ کا پردہ۔

18 اور مسکن کی میخیں اور صحن کی میخیں اور اُن دونوں کی رسِّیاں۔

19 اور مَقدِس کی خِدمت کے لِئے بیل بُوٹے کڑھے ہُوئے لِباس اور ہارُو ن کاہِن کےلِئے مُقدّ س لِباس اور اُس کے بیٹوں کے لِباس تاکہ وہ کاہِن کی خِدمت کو انجام دیں۔

لوگ نذرانے لاتے ہیں

20 تب بنی اِسرائیل کی ساری جماعت مُوسیٰ کے پاس سے رُخصت ہُوئی۔

21 اور جِس جِس کا جی چاہا اور جِس جِس کے دِل میں رغبت ہُوئی وہ خَیمۂِ اِجتماع کے کام اور وہاں کی عِبادت اور مُقدّس لِباس کے لِئے خُداوند کا ہدیہ لایا۔

22 اور کیا مَرد کیا عَورت جِتنوں کا دِل چاہا وہ سب جُگنو بالیاں انگشتریاں اور بازُوبند جو سب سونے کے زیور تھے لانے لگے ۔ اِس طریقہ سے لوگوں نے خُداوند کو سونے کا ہدیہ دِیا۔

23 اور جِس جِس کے پاس آسمانی رنگ اور ارغوانی رنگ اور سُرخ رنگ کے کپڑے اور مہِین کتان اور بکریوں کی پشم اور مینڈھوں کی سُرخ رنگی ہُوئی کھالیں اور تخس کی کھالیں تِھیں وہ اُن کو لے آئے۔

24 جِس نے چاندی یا پِیتل کا ہدیہ دینا چاہا وہ وَیسا ہی ہدیہ خُداوند کے لِئے لایا اور جِس کِسی کے پاس کِیکر کی لکڑی تھی وہ اُسی کو لے آیا۔

25 اور جِتنی عَورتیں ہوشیار تِھیں اُنہوں نے اپنے ہاتھوں سے کات کات کر آسمانی ارغوانی اور سُرخ رنگ کے اور مہِین کتان کے تار لا کر دِئے۔

26 اور جِتنی عَورتوں کے دِل حِکمت کی طرف مائِل تھے اُنہوں نے بکریوں کی پشم کاتی۔

27 اور جو سردار تھے وہ افُود اور سِینہ بند کے لِئے سُلیمانی پتّھر اور اَور جڑاؤ پتّھر۔

28 اور رَوشنی اور مَسح کرنے کے تیل اور خُوشبُودار بخُور کے لِئے مصالِح اور تیل لائے۔

29 یُوں بنی اِسرائیل اپنی ہی خُوشی سے خُداوند کے لِئے ہدئے لائے یعنی جِس جِس مَرد یا عَورت کا جی چاہا کہ اِن کاموں کے لِئے جِن کے بننے کا حُکم خُداوند نے مُوسیٰ کی معرفت دِیا تھا کُچھ دے وہ اُنہوں نے دِیا۔

مسکن بنانے کے لِئے کاریگر

30 اور مُوسیٰ نے بنی اِسرائیل سے کہا دیکھو خُداوند نے بضلی ا یل بِن اُور ی بِن حُور کو جو یہُودا ہ کے قبیلہ میں سے ہے نام لے کر بُلایا ہے۔

31 اور اُس نے اُسے حِکمت اور فہم اور دانِش اور ہر طرح کی صنعت کے لِئے رُوحُ اﷲ سے معمُور کِیا ہے۔

32 اور صنعت کاری میں اور سونے چاندی اور پِیتل کے کام میں۔

33 اور جڑاؤ پتّھر اور لکڑی کے تراشنے میں غرض ہر ایک نادِر کام کے بنانے میں ماہِر کِیا ہے۔

34 اور اُس نے اُسے اور اَخیسمک کے بیٹے اہلیا ب کو بھی جو دان کے قبیلہ کا ہے ہُنر سِکھانے کی قابلیت بخشی ہے۔

35 اور اُن کے دِلوں میں اَیسی حِکمت بھر دی ہے جِس سے وہ ہر طرح کی صنعت میں ماہِر ہوں اور کندہ کار کا اور ماہِر اُستاد کا اور زردوز کا جو آسمانی ارغوانی اور سُرخ رنگ کے کپڑوں اور مہِین کتان پر گُل کاری کرتا ہے اور جولاہے کا اور ہر طرح کے دستکار کاکام کر سکیں اور عجیب اور نادِر چِیزیں اِیجاد کریں۔

خُرُوج 36

1 پس بضلی ایل اوراہلیا ب اور سب رَوشن ضمِیر آدمی کام کریں جِن کو خُداوند نے حِکمت اور فہم سے مالامال کِیا ہے تاکہ وہ مَقدِس کی عِبادت کے سب کام کو خُداوند کے حُکم کے مُطابِق انجام دیں۔

لوگ بہُت سے ہدئے لاتے ہیں

2 تب مُوسیٰ نے بضلی ایل اور اہلیا ب اور سب رَوشن ضمِیر آدمیوں کو بُلایا جِن کے دِل میں خُداوند نے حِکمت بھر دی تھی یعنی جِن کے دِل میں تحرِیک ہُوئی کہ جا کر کام کریں۔

3 اور جو جو ہدئے بنی اِسرائیل لائے تھے کہ اُن سے مَقدِس کی عِبادت کی چِیزیں بنائی جائیں وہ سب اُنہوں نے مُوسیٰ سے لے لِئے اور لوگ پِھر بھی اپنی خُوشی سے ہر صُبح اُس کے پاس ہدیہ لاتے رہے۔

4 تب وہ سب عقل مند کارِیگر جو مَقدِس کے سب کام بنا رہے تھے اپنے اپنے کام کو چھوڑ کر مُوسیٰ کے پاس آئے۔

5 اور وہ مُوسیٰ سے کہنے لگے کہ لوگ اِس کام کے سر انجام کے لِئے جِس کے بنانے کا حُکم خُداوند نے دِیا ہے ضرُورت سے بُہت زِیادہ لے آئے ہیں۔

6 تب مُوسیٰ نے جو حُکم دِیا اُس کا اِعلان اُنہوں نے تمام لشکرگاہ میں کرا دِیا کہ کوئی مَرد یا عَورت اب سے مَقدِس کے لِئے ہدیہ دینے کی غرض سے کُچھ اور کام نہ بنائے ۔ یُوں وہ لوگ اَور لانے سے روک دِئے گئے۔

7 کیونکہ جو سامان اُن کے پاس پُہنچ چُکا تھا وہ سارے کام کو تیّار کرنے کے لِئے نہ فقط کافی بلکہ زِیادہ تھا۔

خَیمۂِ اِجتماع کا بنایا جانا

8 اور کام کرنے والوں میں جِتنے رَوشن ضمِیر تھے اُنہوں نے مَقدِس کے واسطے بارِیک بٹے ہُوئے کتان کے اور آسمانی اور ارغوانی اور سُرخ رنگ کے کپڑوں کے دس پردے بنائے جِن پر ماہِر اُستاد کے ہاتھ کے کڑھے ہُوئے کرُّوبی تھے۔

9 ہر پردہ کی لمبائی اٹھائِیس ہاتھ اور چَوڑائی چار ہاتھ تھی اور وہ سب پردے ایک ہی ناپ کے تھے۔

10 اور اُس نے پانچ پردے ایک دُوسرے کے ساتھ جوڑ دِئے اور دُوسرے پانچ پردے بھی ایک دُوسرے کے ساتھ جوڑ دِئے۔

11 اور اُس نے ایک بڑے پردہ کے حاشیہ میں اُس کے مِلانے کے رُخ پر آسمانی رنگ کے تُکمے بنائے ۔ اَیسے ہی تُکمے اُس نے دُوسرے بڑے پردہ کی اُس طرف کے حاشیہ میں بنائے جِدھر مِلانے کا رُخ تھا۔

12 پچاس تُکمے اُس نے ایک پردہ میں اور پچاس ہی دُوسرے پردہ کے حاشیہ میں اُس کے مِلانے کے رُخ پر بنائے ۔ یہ تُکمے آپس میں ایک دُوسرے کے مُقابِل تھے۔

13 اور اُس نے سونے کی پچاس گُھنڈیاں بنائِیں اور اُن ہی گُھنڈیوں سے پردوں کو آپس میں اَیسا جوڑ دِیا کہ مسکن مِل کر ایک ہو گیا۔

14 اور بکری کے بالوں سے گیارہ پردے مسکن کے اُوپر کے خَیمہ کے لِئے بنائے۔

15 ہر پردہ کی لمبائی تِیس ہاتھ اور چَوڑائی چار ہاتھ تھی اور وہ گیارہ پردے ایک ہی ناپ کے تھے۔

16 اور اُس نے پانچ پردے تو ایک ساتھ جوڑے اور چھ ایک ساتھ۔

17 اور پچاس تُکمے اُن جڑے ہُوئے پردوں میں سے کنارہ کے پردہ کے حاشیہ میں بنائے اور پچاس ہی تُکمے اُن دُوسرے جڑے ہُوئے پردوں میں سے کنارہ کے پردہ کے حاشیہ میں بنائے۔

18 اور اُس نے پِیتل کی پچاس گُھنڈیاں بھی بنائِیں تاکہ اُن سے اُس خَیمہ کو اَیسا جوڑ دے کہ وہ ایک ہو جائے۔

19 اور خَیمہ کے لِئے ایک غِلاف مینڈھوں کی سُرخ رنگی ہُوئی کھالوں کا اور اُس کے لِئے غِلاف تخس کی کھالوں کا بنایا۔

20 اور اُس نے مسکن کے واسطے کِیکر کی لکڑی کے تختے بنائے کہ کھڑے کِئے جائیں۔

21 ہر تختہ کی لمبائی دس ہاتھ اور چَوڑائی ڈیڑھ ہاتھ تھی۔

22 اور اُس نے ایک ایک تختہ کے لِئے دو دو جڑی ہُوئی چُولیں بنائِیں۔ مسکن کے سب تختوں کی چُولیں اَیسی ہی بنائِیں۔

23 اور مسکن کے لِئے جو تختے بنے تھے اُن میں سے بِیس تختے جنُوبی سِمت میں لگائے۔

24 اور اُس نے اُن بِیسوں تختوں کے نِیچے چاندی کے چالِیس خانے بنائے یعنی ہر تختہ کی دونوں چُولوں کے لِئے دو دو خانے۔

25 اور مسکن کی دُوسری طرف یعنی شِمالی سِمت کے لِئے بِیس تختے بنائے۔

26 اور اُن کے لِئے بھی چاندی کے چالِیس ہی خانے بنائے یعنی ایک ایک تختہ کے نِیچے دو دو خانے۔

27 اور مسکن کے پِچھلے حِصّہ یعنی مغرِبی سِمت کے لِئے چھ تختے بنائے۔

28 اور دو تختے مسکن کے دونوں کونوں کے لِئے پِچھلے حِصّہ میں بنائے۔

29 یہ نِیچے سے دُہرے تھے اور اِسی طرح اُوپر کے سِرے تک آ کر ایک ہی حلقہ میں مِلا دِئے گئے تھے ۔ اُس نے دونوں کونوں کے دونوں تختے اِسی ڈھب کے بنائے۔

30 پس آٹھ تختے تھے اور اُن کے لِئے چاندی کے سولہ خانے یعنی ایک ایک تختہ کے لِئے دو دو خانے۔

31 اور اُس نے کِیکر کی لکڑی کے بینڈے بنائے ۔ پانچ بینڈے مسکن کی ایک طرف کے تختوں کے لِئے۔

32 اور پانچ بینڈے مسکن کی دُوسری طرف کے تختوں کے لِئے اور پانچ بینڈے مسکن کے پچھلے حِصّہ میں مغرِبی طرف کے تختوں کے لِئے بنائے۔

33 اور اُس نے وسطی بینڈے کو اَیسا بنایا کہ تختوں کے بِیچ میں سے ہو کر ایک سِرے سے دُوسرے سِرے تک پُہنچے۔

34 اور تختوں کو سونے سے منڈھا اور سونے کے کڑے بنائے تاکہ بینڈوں کے لِئے خانوں کا کام دیں اور بینڈوں کو سونے سے منڈھا۔

35 اور اُس نے بیچ کا پردہ آسمانی ارغوانی اور سُرخ رنگ کے کپڑوں اور بارِیک بٹے ہُوئے کتان کا بنایا جِس پر ماہِر اُستاد کے ہاتھ کے کرُّوبی کڑھے ہُوئے تھے۔

36 اور اُس کے لِئے کِیکر کے چار سُتُون بنائے اور اُن کو سونے سے منڈھا ۔ اُن کے کُنڈے سونے کے تھے اور اُس نے اُن کے لِئے چاندی کے چار خانے ڈھال کر بنائے۔

37 اور اُس نے خَیمہ کے دروازہ کے لِئے ایک پردہ آسمانی ارغوانی اور سُرخ رنگ کے کپڑوں اور بارِیک بٹے ہُوئے کتان کا بنایا ۔ وہ بیل بُوٹے دار تھا۔

38 اور اُس کے لِئے پانچ سُتُون کُنڈوں سمیت بنائے اور اُن کے سِروں اور پٹّیوں کو سونے سے منڈھا ۔ اُن کے لِئے جو پانچ خانے تھے وہ پِیتل کے بنے ہُوئے تھے۔

خُرُوج 37

عہد کے صندُوق کا بنایا جانا

1 اور بضلی ایل نے وہ صندُوق کِیکر کی لکڑی کا بنایا ۔ اُس کی لمبائی ڈھائی ہاتھ اور چَوڑائی ڈیڑھ ہاتھ اور اُونچائی ڈیڑھ ہاتھ تھی۔

2 اور اُس نے اُس کے اندر اور باہر خالِص سونا منڈھا اور اُس کے لِئے گِرداگِرد ایک سونے کا تاج بنایا۔

3 اور اُس نے اُس کے چاروں پایوں پر لگانے کو سونے کے چار کڑے ڈھالے ۔ دو کڑے تو اُس کی ایک طرف اور دو دُوسری طرف تھے۔

4 اور اُس نے کِیکر کی لکڑی کی چوبیں بنا کر اُن کو سونے سے منڈھا۔

5 اور اُن چوبوں کو صندُوق کی دونوں طرف کے کڑوں میں ڈالا تاکہ صندُوق اُٹھایا جائے۔

6 اور اُس نے سرپوش خالِص سونے کا بنایا ۔ اُس کی لمبائی ڈھائی ہاتھ اور چَوڑائی ڈیڑھ ہاتھ تھی۔

7 اور اُس نے سرپوش کے دونوں سِروں پر سونے کے دو کرُّ وبی گھڑ کر بنائے۔

8 ایک کرُّوبی کو اُس نے ایک سِرے پر رکھّا اور دُوسرے کو دُوسرے سِرے پر ۔ دونوں سِروں کے کرُّوبی اور سرپوش ایک ہی ٹُکڑے سے بنے تھے۔

9 اور کرُّوبیوں کے بازُو اُوپر سے پَھیلے ہُوئے تھے اور اُن کے بازُوؤں سے سرپوش ڈھکا ہُؤا تھا اور اُن کرُّوبیوں کے چہرے سرپوش کی طرف اور ایک دُوسرے کے مُقابِل تھے۔

نذر کی روٹیوں کی میز کا بنایا جانا

10 اور اُس نے وہ میز کِیکر کی لکڑی کی بنائی ۔ اُس کی لمبائی دو ہاتھ اور چَوڑائی ایک ہاتھ اور اُونچائی ڈیڑھ ہاتھ تھی۔

11 اور اُس نے اُس کو خالِص سونے سے منڈھا اور اُس کے لِئے گِرداگِرد سونے کا ایک تاج بنایا۔

12 اور اُس نے ایک کنگنی چار اُنگل چَوڑی اُس کے چاروں طرف رکھّی اور اُس کنگنی پر گِرداگِرد سونے کا ایک تاج بنایا۔

13 اور اُس نے اُس کے لِئے سونے کے چار کڑے ڈھا ل کراُن کو اُس کے چاروں پایوں کے چاروں کونوں میں لگایا۔

14 یہ کڑے کنگنی کے پاس تھے تاکہ میز اُٹھانے کی چوبوں کے خانوں کا کام دیں۔

15 اور اُس نے میز اُٹھانے کی وہ چوبیں کِیکر کی لکڑی کی بنائِیں اور اُن کو سونے سے منڈھا۔

16 اور اُس نے میز پر کے سب ظرُوف یعنی اُس کے طباق اور چمچے اور بڑے بڑے پیالے اور اُنڈیلنے کے آفتابے خالِص سونے کے بنائے۔

چراغدان کا بنایا جانا

17 اور اُس نے شمعدان خالِص سونے کا بنایا ۔ وہ شمعدان اور اُس کا پایہ اور اُس کی ڈنڈی گھڑے ہُوئے تھے ۔ یہ سب اور اُس کی پیالِیاں اور لٹُّو اور پُھول ایک ہی ٹُکڑے کے بنے ہُوئے تھے۔

18 اور چھ شاخیں اُس کی دونوں طرف سے نِکلی ہُوئی تِھیں ۔ شمعدان کی تِین شاخیں تو اُس کی ایک طرف سے اور تِین شاخیں اُس کی دُوسری طرف سے۔

19 اور ایک شاخ میں بادام کے پُھول کی شکل کی تِین پیالِیاں اور ایک لٹُّو اور ایک پُھول تھا اور دُوسری شاخ میں بھی بادام کے پُھول کی شکل کی تِین پیالِیاں اور ایک لٹُّو اور ایک پُھول تھا ۔ غرض اُس شمعدان کی چھئوں شاخوں میں سب کُچھ اَیسا ہی تھا۔

20 اور خُود شمعدان میں بادام کے پُھول کی شکل کی چار پیالِیاں اپنے اپنے لٹُّو اور پُھول سمیت بنی تِھیں۔

21 اور شمعدان کی چھئوں نِکلی ہُوئی شاخوں میں سے ہر دو دو شاخیں اور ایک ایک لٹُّو ایک ہی ٹُکڑے کے تھے۔

22 اُن کے لٹُّو اور اُن کی شاخیں سب ایک ہی ٹُکڑے کے تھے ۔ سارا شمعدان خالِص سونے کا اور ایک ہی ٹُکڑے کا گھڑا ہُؤا تھا۔

23 اور اُس نے اُس کے لِئے سات چراغ بنائے اور اُس کے گُلگِیر اور گُلدان خالِص سونے کے تھے۔

24 اور اُس نے اُس کو اور اُس کے سب ظُروف کو ایک قِنطار خالِص سونے سے بنایا۔

بخُور جلانے کی قُربان گاہ کا بنایا جانا

25 اور اُس نے بخُور جلانے کی قُربان گاہ کِیکر کی لکڑی کی بنائی ۔اُس کی لمبائی ایک ہاتھ اور چَوڑائی ایک ہاتھ تھی ۔ وہ چَوکُھونٹی تھی اور اُس کی اُونچائی دو ہاتھ تھی اور وہ اور اُس کے سِینگ ایک ہی ٹُکڑے کے تھے۔

26 اور اُس نے اُس کے اُوپر کی سطح اور گِرداگِرد کی اطراف اور سِینگوں کو خالِص سونے سے منڈھا اور اُس کے لِئے سونے کا ایک تاج گِرداگِرد بنایا۔

27 اور اُس نے اُس کی دونوں طرف کے دونوں پہلُوؤں میں تاج کے نِیچے سونے کے دو کڑے بنائے جو اُس کے اُٹھانے کی چوبوں کے لِئے خانوں کا کام دیں۔

28 اور چوبیں کِیکر کی لکڑی کی بنائِیں اور اُن کو سونے سے منڈھا۔

مَسح کرنے کے تیل اور بخور کا بنایا جانا

29 اور اُس نے مَسح کرنے کا پاک تیل اور خُوشبُودار مصالِح کا خالِص بخُور گندھی کی حِکمت کے مُطابِق تیّار کِیا۔

خُرُوج 38

سوختنی قُربانی کے مذبح کا بنایا جانا

1 اور اُس نے سوختنی قُربانی کا مذبح کِیکر کی لکڑی کا بنایا ۔ اُس کی لمبائی پانچ ہاتھ اور چَوڑائی پانچ ہاتھ تھی ۔ وہ چَوکُھونٹا تھا اور اُس کی اُونچائی تِین ہاتھ تھی۔

2 اور اُس نے اُس کے چاروں کونوں پر سِینگ بنائے ۔ سِینگ اور وہ مذبح دونوں ایک ہی ٹُکڑے کے تھے اور اُس نے اُس کو پِیتل سے منڈھا۔

3 اور اُس نے مذبح کے سب ظُروف یعنی دیگیں اور بیلچے اور کٹورے اور سیخیں اور انگیٹھیاں بنائِیں ۔ اُس کے سب ظرُوف پِیتل کے تھے۔

4 اور اُس نے مذبح کے لِئے اُس کی چاروں طرف کنارے کے نِیچے پِیتل کی جالی کی جھنجری اِس طرح لگائی کہ وہ اُس کی آدھی دُور تک پُہنچتی تھی۔

5 اور اُس نے پِیتل کی جھنجری کے چاروں کونوں میں لگانے کے لِئے چار کڑے ڈھالے تاکہ چوبوں کے لِئے خانوں کا کام دیں۔

6 اور چوبیں کِیکر کی لکڑی کی بنا کر اُن کو پِیتل سے منڈھا۔

7 اور اُس نے وہ چوبیں مذبح کی دونوں طرف کے کڑوں میں اُس کے اُٹھانے کے لِئے ڈال دِیں ۔ وہ کھوکھلا تختوں کا بنا ہُؤا تھا۔

8 اور جو خِدمت گُذار عَورتیں خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر خِدمت کرتی تِھیں اُن کے آئینوں کے پِیتل سے اُس نے پِیتل کا حَوض اور پِیتل ہی کی اُس کی کُرسی بنائی۔

مسکن کا صحن

9 پِھر اُس نے صحن بنایا اور جنُوبی سِمت کے لِئے اُس صحن کے پردے بارِیک بٹے ہُوئے کتان کے تھے اور سب مِلا کر سَو ہاتھ لمبے تھے۔

10 اُن کے لِئے بِیس سُتُون اور اُن کے واسطے پِیتل کے بِیس خانے تھے اور سُتُونوں کے کُنڈے اور پٹّیاں چاندی کی تِھیں۔

11 اور شِمالی سِمت میں بھی وہ سَو ہاتھ لمبے اور اُن کے لِئے بِیس سُتُون اور اُن کے واسطے بِیس ہی پِیتل کے خانے تھے اور سُتُونوں کے کُنڈے اور پٹّیاں چاندی کی تِھیں۔

12 اور مغرِبی سِمت کے لِئے سب پردے مِلا کر پچاس ہاتھ کے تھے ۔ اُن کے لِئے دس سُتُون اور دس ہی اُن کے خانے تھے اور سُتُونوں کے کُنڈے اور پٹّیاں چاندی کی تِھیں۔

13 اور مشرِقی سِمت میں بھی وہ پچاس ہی ہاتھ کے تھے۔

14 اُس کے دروازہ کی ایک طرف پندرہ ہاتھ کے پردے اور اُن کے لِئے تِین سُتُون اور تِین خانے تھے۔

15 اور دُوسری طرف بھی وَیسا ہی تھا ۔ پس صحن کے دروازہ کے اِدھر اور اُدھر پندرہ پندرہ ہاتھ کے پردے تھے ۔ اُن کے لِئے تِین تِین سُتُون اور تِین ہی تِین خانے تھے۔

16 صحن کے گِرداگِرد کے سب پردے بارِیک بٹے ہُوئے کتان کے بنے ہُوئے تھے۔

17 اور سُتُونوں کے خانے پِیتل کے اور اُن کے کنڈے اور پٹّیاں چاندی کی تِھیں ۔ اُن کے سِرے چاندی سے منڈھے ہُوئے اور صحن کے کُل سُتُون چاندی کی پٹّیوں سے جڑے ہُوئے تھے۔

18 اور صحن کے دروازہ کے پردہ پر بیل بُوٹے کا کام تھا اور وہ آسمانی اور ارغوانی اور سُرخ رنگ کے کپڑوں اور بارِیک بٹے ہُوئے کتان کا بنا ہُؤا تھا ۔ اُس کی لمبائی بِیس ہاتھ اور اُونچائی صحن کے پردوں کی چَوڑائی کے مُطابِق پانچ ہاتھ تھی۔

19 اُن کے لِئے چار سُتُون اور چار ہی اُن کے واسطے پِیتل کے خانے تھے ۔ اُن کے کُنڈے چاندی کے تھے اور اُن کے سِروں پر چاندی منڈھی ہُوئی تھی اور اُن کی پٹّیاں بھی چاندی کی تِھیں۔

20 اور مسکن کی اور صحن کے گِرداگِرد کی سب میخیں پِیتل کی تِھیں۔

مسکن میں کون کون سی دھاتیں اِستعمال ہُوئیں ؟

21 اور مسکن یعنی مسکن ِشہادت کے جو سامان لاوِیوں کی خِدمت کے لِئے بنے اور جِن کو مُوسیٰ کے حُکم کے مُطابِق ہارُو ن کاہِن کے بیٹے اِتمر نے گِنا اُن کا حِساب یہ ہے۔

22 بضلی ایل بِن اُور ی بِن حُور نے جو یہُودا ہ کے قبیلہ کا تھا سب کُچھ جو خُداوند نے مُوسیٰ کو فرمایا تھا بنایا۔

23 اور اُس کے ساتھ دان کے قبیلہ کا اہلیا ب بِن اخیسمک تھا جو کندہ کار اور ماہِر کارِیگر تھا اور آسمانی اور ارغوانی اور سُرخ رنگ کے کپڑوں اور بارِیک کتان پر بیل بُوٹے کاڑھتا تھا۔

24 سب سونا جو مَقدِس کی چِیزوں کے کام میں لگا یعنی ہدیہ کا سونا اُنتِیس قِنطار اور مَقدِس کی مِثقال کے حِساب سے سات سَو تِیس مِثقال تھا۔

25 اور جماعت میں سے گِنے ہُوئے لوگوں کے ہدیہ کی چاندی ایک سَو قِنطار اور مَقدِس کی مِثقال کے حِساب سے ایک ہزار سات سَو پچھتّر مِثقال تھی۔

26 مَقدِس کی مِثقال کے حِساب سے فی آدمی جو نِکل کر شُمار کِئے ہُوؤں میں مِل گیا ایک بیکا یعنی نِیم مِثقال بِیس برس اور اُس سے زِیادہ عُمر کے لوگوں سے لِیا گیا تھا ۔ یہ چھ لاکھ تِین ہزار ساڑھے پانچ سَو مَرد تھے۔

27 اِس سَو قنطار چاندی سے مَقدِس کے اور بِیچ کے پردہ کے خانے ڈھالے گئے ۔ سَو قِنطار سے سَو ہی خانے بنے یعنی ایک ایک قِنطار ایک ایک خانے میں لگا۔

28 اور ایک ہزار سات سَو پچھتّر مِثقال چاندی سے سُتُونوں کے کُنڈے بنے اور اُن کے سِرے منڈھے گئے اور اُن کے لِئے پٹّیاں تیّار ہُوئِیں۔

29 اور ہدیہ کا پِیتل ستّر قِنطار اور دو ہزار چار سَو مِثقال تھا۔

30 اِس سے اُس نے خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ کے خانے اور پِیتل کا مذبح اور اُس کے لِئے پِیتل کی جھنجری اور مذبح کے سب ظُروف۔

31 اور صحن کے گِرداگِرد کے خانے اور صحن کے دروازہ کے خانے اور مسکن کی میخیں اور صحن کی چاروں طرف کی میخیں بنائِیں۔

خُرُوج 39

کاہِنوں کے لِباسوں کا بنایا جانا

1 اور اُنہوں نے مَقدِس میں خِدمت کرنے کے لِئے آسمانی اور ارغوانی اور سُرخ بیل بُوٹے کڑھے ہُوئے لِباس اور ہارُو ن کے واسطے مُقدّس لِباس جَیسا خُداوند نے مُوسیٰ کو حُکم دِیا تھا بنائے۔

2 اور اُس نے سونے اور آسمانی اور ارغوانی اور سُرخ رنگ کے کپڑوں اور بارِیک بٹے ہُوئے کتان کا افُود بنایا۔

3 اور اُنہوں نے سونا پِیٹ پِیٹ کر پتلے پتلے پتّراور پتّروں کو کاٹ کاٹ کر تار بنائے تاکہ آسمانی اور ارغوانی اور سُرخ رنگ کے کپڑوں اور بارِیک بٹے ہُوئے کتان پر ماہِر اُستاد کی طرح اُن سے زردوزی کریں۔

4 اور افُود کو جوڑنے کے لِئے اُنہوں نے دو مونڈھے بنائے اور اُن کے دونوں سِروں کو مِلا کر باندھ دِیا۔

5 اور اُس کے کَسنے کے لِئے کارِیگری سے بُنا ہُؤا کمر بند جو اُس کے اُوپر تھا وہ بھی اُسی ٹُکڑے اور بناوٹ کا تھا یعنی سونے اور آسمانی اور ارغوانی اور سُرخ رنگ کے کپڑوں اور بارِیک بٹے ہُوئے کتان کا بنا ہُؤا تھا جَیسا خُداوند نے مُوسیٰ کو حُکم کِیا تھا۔

6 اور اُنہوں نے سُلیمانی پتّھر کاٹ کرصاف کِئے جو سونے کے خانوں میں جڑے گئے اور اُن پر انگشتری کے نقش کی طرح بنی اِسرائیل کے نام کندہ تھے۔

7 اور اُس نے اُن کو افُود کے مونڈھوں پر لگایا تاکہ وہ بنی اِسرائیل کی یادگاری کے پتّھر ہوں جَیسا خُداوند نے مُوسیٰ کو حُکم کِیا تھا۔

سِینہ بند کا بنایا جانا

8 اور اُس نے افُود کی بناوٹ کا سِینہ بند تیّار کِیا جو ماہِر اُستاد کے ہاتھ کا کام تھا یعنی وہ سونے اور آسمانی اور ارغوانی اور سُرخ رنگ کے کپڑوں اور بارِیک بٹے ہُوئے کتان کا بنا ہُؤا تھا۔

9 وہ چَوکُھونٹا تھا ۔ اُنہوں نے اُس سِینہ بند کو دُہرا بنایا اور دُہرے ہونے پر اُس کی لمبائی ایک بالِشت اور چَوڑائی ایک بالِشت تھی۔

10 اِس پر چار قطاروں میں اُنہوں نے جواہِر جڑے ۔ یاقُوتِ سُرخ اور پُکھراج اور زمُرّد کی قطار تو پہلی قطار تھی۔

11 اور دُوسری قطار میں گوہرِ شب چراغ اور نِیلم اور ہِیرا۔

12 تِیسری قطار میں لشم اور یشم اور یاقُوت۔

13 چَوتھی قطار میں فِیروزہ اور سنگِ سُلیمانی اور زبرجد ۔ یہ سب الگ الگ سونے کے خانوں میں جڑے ہُوئے تھے۔

14 اور یہ پتّھر اِسرا ئیل کے بیٹوں کے ناموں کے شُمار کے مُطابِق بارہ تھے اور انگشتری کے نقش کی طرح بارہ قبیلوں میں سے ایک ایک کا نام الگ الگ ایک ایک پتّھرپر کندہ تھا۔

15 اور اُنہوں نے سِینہ بند پر ڈوری کی طرح گُندھی ہُوئی خالِص سونے کی زنجیریں بنائِیں۔

16 اور اُنہوں نے سونے کے دو خانے اور سونے کے دو کڑے بنائے اور دونوں کڑوں کو سِینہ بند کے دونوں سِروں پر لگایا۔

17 اور سونے کی دونوں گُندھی ہُوئی زنجیریں اُن کڑوں میں پہنائِیں جو سِینہ بند کے سِروں پر تھے۔

18 اور دونوں گُندھی ہُوئی زنجیروں کے باقی دونوں سِروں کو دونوں خانوں میں جڑ کر اُن کو افُود کے دونوں مونڈھوں پر سامنے کے رُخ لگایا۔

19 اور اُنہوں نے سونے کے دو کڑے اَور بنا کر اُن کو سِینہ بند کے دونوں سِروں کے اُس حاشیہ میں لگایا جِس کا رُخ اندر افُود کی طرف تھا۔

20 اور اُنہوں نے سونے کے دو کڑے اَور بنا کر اُن کو افُود کے دونوں مونڈھوں کے سامنے کے حِصّہ میں اندر کے رُخ جہاں افُود جڑا تھا لگایا تاکہ وہ افُود کے کارِیگری سے بُنے ہُوئے پٹکے کے اُوپر رہے۔

21 اور اُنہوں نے سِینہ بند کو لے کر اُس کے کڑوں کو افُود کے کڑوں کے ساتھ ایک نِیلے فِیتے سے اِس طرح باندھا کہ وہ افُود کے کارِیگری سے بُنے ہُوئے پٹکے کے اُوپر رہے اور سِینہ بند ڈِھیلا ہو کر افُود سے الگ نہ ہونے پائے جَیسا خُداوند نے مُوسیٰ کو حُکم دِیا تھا۔

کاہِنوں کے دُوسرے لِباسوں کا بنایا جانا

22 اور اُس نے افُود کا جُبّہ بُن کر بِالکُل آسمانی رنگ کا بنایا۔

23 اور اُس کا گریبان زِرہ کے گریبان کی طرح بِیچ میں تھا اور اُس کے گِرداگِرد گوٹ لگی ہُوئی تھی تاکہ وہ پھٹ نہ جائے۔

24 اور اُنہوں نے اُس کے دامن کے گھیر میں آسمانی اور ارغوانی اور سُرخ رنگ کے بٹے ہُوئے تار سے انار بنائے۔

25 اور خالِص سونے کی گھنٹیاں بنا کر اُن کو جُبّہ کے دامن کے گھیر میں چاروں طرف اناروں کے درمِیان لگایا۔

26 پس جُبّہ کے دامن کے سارے گھیر میں خِدمت کرنے کے لِئے ایک ایک گھنٹی تھی اور پِھر ایک ایک انار جَیسا خُداوند نے مُوسیٰ کو حُکم دِیا تھا۔

27 اور اُنہوں نے بارِیک کتان کے بُنے ہُوئے کُرتے ہارُو ن اور اُس کے بیٹوں کے لِئے بنائے۔

28 اور بارِیک کتان کا عمامہ اور بارِیک کتان کی خُوب صُورت پگڑیاں اور بارِیک بٹے ہُوئے کتان کے پاجامے۔

29 اور بارِیک بٹے ہُوئے کتان اور آسمانی ۔ ارغوانی اور سُرخ رنگ کے کپڑوں کا بیل بُوٹے دار کمر بند بھی بنایا جَیسا خُداوند نے مُوسیٰ کو حُکم کِیا تھا۔

30 اور اُنہوں نے مُقدّس تاج کا پتّر خالِص سونے کا بنا کر اُس پر انگشتری کے نقش کی طرح یہ کندہ کِیا خُداوند کے لِئے مُقدّس۔

31 اور اُسے عمامہ کے ساتھ اُوپر باندھنے کے لِئے اُس میں ایک نِیلا فِیتہ لگایا جَیسا خُداوند نے مُوسیٰ کو حُکم کِیا تھا۔

کام کی تکمِیل

32 اِس طرح خَیمۂِ اِجتماع کے مسکن کا سب کام ختم ہُؤا اور بنی اِسرائیل نے سب کُچھ جَیسا خُداوند نے مُوسیٰ کو حُکم دِیا تھا وَیسا ہی کِیا۔

33 اور وہ مسکن کو مُوسیٰ کے پاس لائے یعنی خَیمہ اور اُس کا سارا سامان ۔ اُس کی گُھنڈیاں اور تختے اور بینڈے اور سُتُون اور خانے۔

34 اور گھٹاٹوپ ۔ مینڈھوں کی سُرخ رنگی ہُوئی کھالوں کا غِلاف اور تخس کی کھالوں کا غِلاف اور بِیچ کا پردہ۔

35 شہادت کا صندُوق اور اُس کی چوبیں اور سرپوش۔

36 اور میز اور اُس کے سب ظُروف اور نذر کی روٹی۔

37 اور پاک شمعدان اور اُس کی سجاوٹ کے چراغ اور اُس کے سب ظُروف اور جلانے کا تیل۔

38 اور زرِّین قُربان گاہ اور مَسح کرنے کا تیل اور خُوشبُودار بخُور اور خَیمہ کے دروازہ کا پردہ۔

39 اور پِیتل منڈھا ہُؤا مذبح اور پِیتل کی جھنجری اور اُس کی چوبیں اور اُس کے سب ظُروف اور حَوض اور اُس کی کُرسی۔

40 صحن کے پردے اور اُن کے سُتُون اور خانے اور صحن کے دروازہ کا پردہ اور اُس کی رسِّیاں اور میخیں اور خَیمۂِ اِجتماع کے کام کے لِئے مسکن کی عِبادت کے سب سامان۔

41 اور پاک مقام کی خِدمت کے لِئے کڑھے ہُوئے لِباس اور ہارُو ن کاہِن کے مُقدّس لِباس اور اُس کے بیٹوں کے لِباس جِن کو پہن کر اُن کو کاہِن کی خِدمت کو انجام دینا تھا۔

42 جو کُچھ خُداوند نے مُوسیٰ کو حُکم کِیا تھا اُسی کے مُطابِق بنی اِسرائیل نے سب کام بنایا۔

43 اور مُوسیٰ نے سب کام کا مُلاحظہ کِیا اور دیکھا کہ اُنہوں نے اُسے کر لِیا ہے ۔ جَیسا خُداوند نے حُکم دِیا تھا اُنہوں نے سب کُچھ وَیسا ہی کِیا اور مُوسیٰ نے اُن کو برکت دی۔

خُرُوج 40

مسکن کا کھڑا کِیا جانا اور مخصُوصیّت

1 اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا۔

2 پہلے مہِینے کی پہلی تارِیخ کو تُو خَیمۂِ اِجتماع کے مسکن کو کھڑا کر دینا۔

3 اور اُس میں شہادت کا صندُوق رکھ کر صندُوق پر بِیچ کا پردہ کھینچ دینا۔

4 اور میز کو اندر لے جا کر اُس پر کی سب چِیزیں ترتیب سے سجا دینا اور شمعدان کو اندر کر کے اُس کے چراغ رَوشن کر دینا۔

5 اور بخُور جلانے کی زرِّین قُربان گاہ کو شہادت کے صندُوق کے سامنے رکھنا اور مسکن کے دروازہ کا پردہ لگا دینا۔

6 اور سوختنی قُربانی کا مذبح خَیمۂِ اِجتماع کے مسکن کے دروازہ کے سامنے رکھنا۔

7 اور حَوض کو خَیمۂِ اِجتماع اور مذبح کے بِیچ میں رکھ کر اُس میں پانی بھر دینا۔

8 اور صحن کو چاروں طرف سے گھیر کر صحن کے دروازہ میں پردہ لٹکا دینا۔

9 اور مَسح کرنے کا تیل لے کر مسکن کو اور اُس کے اندر کی سب چِیزوں کو مَسح کرنا اور یُوں اُسے اور اُس کے سب ظُروف کو مُقدّس کرنا ۔ تب وہ مُقدّس ٹھہرے گا۔

10 اور تُو سوختنی قُربانی کے مذبح اور اُس کے سب ظُروف کو مَسح کر کے مذبح کو مُقدّس کرنا اور مذبح نِہایت ہی مُقدّس ٹھہرے گا۔

11 اور تُو حَوض اور اُس کی کُرسی کو بھی مَسح کر کے مُقدّس کرنا۔

12 اور ہارُو ن اور اُس کے بیٹوں کو خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر لا کر اُن کو پانی سے غُسل دِلانا۔

13 اور ہارُون کو مُقدّس لِباس پہنانا اور اُسے مَسح اور مُقدّس کرنا تاکہ وہ میرے لِئے کاہِن کی خِدمت کو انجام دے۔

14 اور اُس کے بیٹوں کو لا کر اُن کو کُرتے پہنانا۔

15 اور جَیسے اُن کے باپ کو مَسح کرے وَیسے ہی اُن کو بھی مَسح کرنا تاکہ وہ میرے لِئے کاہِن کی خِدمت کو انجام دیں اور اُن کا مَسح ہونا اُن کے لِئے نسل در نسل ابدی کہانت کا نِشان ہو گا۔

16 اور مُوسیٰ نے سب کُچھ جَیسا خُداوند نے اُس کو حُکم کِیا تھا اُسی کے مُطابِق کِیا۔

17 اور دُوسرے سال کے پہلے مہِینے کی پہلی تارِیخ کو مسکن کھڑا کِیا گیا۔

18 اور مُوسیٰ نے مسکن کو کھڑا کِیا اور خانوں کو دھر اُن میں تختے لگا اُن کے بینڈے کھینچ دِئے اور اُس کے سُتُونوں کو کھڑا کر دِیا۔

19 اور مسکن کے اُوپر خَیمہ کو تان دِیا اور خَیمہ پر اُس کا غِلاف چڑھا دِیا جَیسا خُداوند نے مُوسیٰ کو حُکم کِیا تھا۔

20 اور شہادت نامہ کو لے کر صندُوق میں رکھّا اور چوبوں کو صندُوق میں لگا کر سرپوش کو صندُوق کے اُوپر دھرا۔

21 پِھر اُس صندُوق کو مسکن کے اندر لایا اور بِیچ کا پردہ لگا کر شہادت کے صندُوق کو پردہ کے اندر کِیا جَیسا خُداوند نے مُوسیٰ کو حُکم کِیا تھا۔

22 اور میز کو اُس پردہ کے باہر مسکن کی شِمالی سِمت میں خَیمۂِ اِجتماع کے اندر رکھّا۔

23 اور اُس پر خُداوند کے رُوبرُو روٹی سجا کر رکھّی جَیسا خُداوند نے مُوسیٰ کو حُکم کِیا تھا۔

24 اور خَیمۂِ اِجتماع کے اندر ہی میز کے سامنے مسکن کی جنُوبی سِمت میں شمعدان کو رکھّا۔

25 اور چراغ خُداوند کے رُوبرُو رَوشن کر دِئے جَیسا خُداوند نے مُوسیٰ کو حُکم کِیا تھا۔

26 اور زرِّین قُربان گاہ کو خَیمۂِ اِجتماع کے اندر پردہ کے سامنے رکھّا۔

27 اور اُس پر خُوشبُودار مصالِح کا بخُور جلایا جَیسا خُداوند نے مُوسیٰ کو حُکم کِیا تھا۔

28 اور اُس نے مسکن کے دروازہ میں پردہ لگایا۔

29 اور خَیمۂِ اِجتماع کے مسکن کے دروازہ پر سوختنی قُربانی کا مذبح رکھ کر اُس پر سوختنی قُربانی اور نذرکی قُربانی چڑھائی جَیسا خُداوند نے موُسیٰ کو حُکم کِیا تھا۔

30 اور اُس نے حَوض کو خَیمۂِ اِجتماع اور مذبح کے بِیچ میں رکھ کر اُس میں دھونے کے لِئے پانی بھر دِیا۔

31 اور مُوسیٰ اور ہارُون اور اُس کے بیٹوں نے اپنے اپنے ہاتھ پاؤں اُس میں دھوئے۔

32 جب جب وہ خَیمۂِ اِجتماع کے اندر داخِل ہوتے اور جب جب وہ مذبح کے نزدِیک جاتے تو اپنے آپ کو دھو کر جاتے تھے جَیسا خُداوند نے مُوسیٰ کو حُکم کِیا تھا۔

33 اور اُس نے مسکن اور مذبح کے گِرداگِرد صحن کو گھیر کر صحن کے دروازہ کا پردہ ڈا ل دِیا ۔ یُوں مُوسیٰ نے اُس کام کو ختم کِیا۔

مسکن کے اُوپر بادل کا چھا جانا

34 تب خَیمۂِ اِجتماع پر ابر چھا گیا اور مسکن خُداوند کے جلال سے معمُور ہو گیا۔

35 اور مُوسیٰ خَیمۂِ اِجتماع میں داخِل نہ ہو سکا کیونکہ وہ ابر اُس پر ٹھہرا ہُؤا تھا اور مسکن خُداوند کے جلال سے معمُور تھا۔

36 اور بنی اِسرائیل کے سارے سفر میں یہ ہوتا رہا کہ جب وہ ابر مسکن کے اُوپر سے اُٹھ جاتا تو وہ آگے بڑھتے۔

37 پر اگر وہ ابر نہ اُٹھتا تو وہ اُس دِن تک سفر نہیں کرتے تھے جب تک وہ اُٹھ نہ جاتا۔

38 کیونکہ خُداوند کا ابر اِسرا ئیل کے سارے گھرانے کے سامنے اور اُن کے سارے سفر میں دِن کے وقت تو مسکن کے اُوپر ٹھہرا رہتا اور رات کو اُس میں آگ رہتی تھی۔

پَیدایش 1

تخلِیق کا بیان

1 خُدا نے اِبتدا میں زمِین و آسمان کو پَیدا کِیا۔

2 اور زمِین وِیران اور سُنسان تھی اور گہراؤ کے اُوپر اندھیرا تھا اور خُدا کی رُوح پانی کی سطح پر جُنبِش کرتی تھی۔

3 اور خُدا نے کہا کہ رَوشنی ہو جا اور رَوشنی ہو گئی۔

4 اور خُدا نے دیکھا کہ رَوشنی اچھّی ہے اور خُدا نے رَوشنی کو تارِیکی سے جُدا کِیا۔

5 اور خُدا نے رَوشنی کو تو دِن کہا اور تارِیکی کو رات اور شام ہُوئی اور صُبح ہُوئی ۔ سو پہلا دِن ہُؤا۔

6 اور خُدا نے کہا کہ پانیوں کے درمیان فضا ہو تاکہ پانی پانی سے جُدا ہو جائے۔

7 پس خُدا نے فضا کو بنایا اور فضا کے نِیچے کے پانی کو فضا کے اُوپر کے پانی سے جُدا کِیا اور اَیسا ہی ہُؤا۔

8 اور خُدا نے فضا کو آسمان کہا اور شام ہُوئی اور صُبح ہُوئی ۔ سو دُوسرا دِن ہُؤا۔

9 اور خُدا نے کہا کہ آسمان کے نِیچے کا پانی ایک جگہ جمع ہوکہ خُشکی نظر آئے اور اَیسا ہی ہُؤا۔

10 اور خُدا نے خُشکی کو زمِین کہا اور جو پانی جمع ہو گیا تھا اُس کو سمُندر اور خُدا نے دیکھا کہ اچھّا ہے۔

11 اور خُدا نے کہا کہ زمِین گھاس اور بیِج دار بوٹِیوں کو اورپَھل دار درختوں کو جو اپنی اپنی جِنس کے مُوافِق پَھلیں اور جو زمِین پر اپنے آپ ہی میں بیِج رکھّیں اُگائے اور اَیسا ہی ہُؤا۔

12 تب زمِین نے گھاس اور بوٹِیوں کو جو اپنی اپنی جِنس کے مُوافِق بیِج رکھّیں اورپَھل دار درختوں کو جِن کے بیِج اُن کی جِنس کے مُوافِق اُن میں ہیں اُگایا اور خُدا نے دیکھا کہ اچھّاہے۔

13 اور شام ہُوئی اور صُبح ہُوئی ۔ سو تِیسرا دِن ہُؤا۔

14 اور خُدا نے کہا کہ فلک پر نیّرہوں کہ دِن کو رات سے الگ کریں اور وہ نِشانوں اور زمانوں اور دِنوں اور برسوں کے اِمتیاز کے لِئے ہوں۔

15 اور وہ فلک پر انوار کے لِئے ہوں کہ زمِین پر رَوشنی ڈالیں اور اَیسا ہی ہُؤا۔

16 سو خُدا نے دو بڑے نیّر بنائے ۔ ایک نیّرِ اکبر کہ دِن پر حُکم کرے اور ایک نیّرِ اصغر کہ رات پر حُکم کرے اور اُس نے سِتاروں کو بھی بنایا۔

17 اور خُدا نے اُن کو فلک پر رکھّا کہ زمِین پر رَوشنی ڈالیں۔

18 اور دِن پر اور رات پر حُکم کریں اور اُجالے کو اندھیرے سے جُدا کریں اور خُدا نے دیکھا کہ اچھّا ہے۔

19 اور شام ہُوئی اور صُبح ہُوئی ۔ سو چَوتھا دِن ہُؤا۔

20 اور خُدا نے کہا کہ پانی جان داروں کو کثرت سے پَیدا کرے اور پرِندے زمِین کے اُوپر فضا میں اُڑیں۔

21 اور خُدا نے بڑے بڑے دریائی جانوروں کو اور ہر قِسم کے جان دار کو جو پانی سے بکثرت پَیدا ہوئے تھے اُن کی جِنس کے مُوافِق اور ہر قِسم کے پرِندوں کو اُن کی جِنس کے مُوافِق پَیدا کِیا اور خُدا نے دیکھا کہ اچھّا ہے۔

22 اور خُدا نے اُن کو یہ کہہ کر برکت دی کہ پَھلو اور بڑھو اور اِن سمُندروں کے پانی کو بھر دو اور پرِندے زمِین پربہت بڑھ جائیں۔

23 اور شام ہُوئی اور صُبح ہُوئی ۔ سو پانچواں دِن ہُؤا۔

24 اور خُدا نے کہا کہ زمِین جان داروں کو اُن کی جِنس کے مُوافِق چَوپائے اور رینگنے والے جان دار اور جنگلی جانور اُن کی جِنس کے مُوافِق پَیدا کرے اور اَیسا ہی ہُؤا۔

25 اور خُدا نے جنگلی جانوروں اور چَوپایوں کو اُن کی جِنس کے مُوافِق اور زمِین کے رینگنے والے جان داروں کو اُن کی جِنس کے مُوافِق بنایا اور خُدا نے دیکھا کہ اچھّاہے۔

26 پِھر خُدا نے کہا کہ ہم اِنسان کو اپنی صُورت پر اپنی شبِیہ کی مانِند بنائیں اوروہ سمُندر کی مچھلیوں اور آسمان کے پرِندوں اور چَوپایوں اور تمام زمِین اور سب جان داروں پر جو زمِین پر رینگتے ہیں اِختیار رکھّیں۔

27 اور خُدا نے اِنسان کو اپنی صُورت پر پَیدا کِیا ۔ خُدا کی صُورت پر اُس کو پَیدا کِیا ۔ نر و ناری اُن کو پَیدا کِیا۔

28 اور خُدا نے اُن کو برکت دی اور کہا کہ پَھلو اور بڑھو اور زمِین کو معمُور و محکُوم کرو اور سمُندر کی مچھلیوں اور ہوا کے پرِندوں اور کُل جانوروں پر جو زمِین پر چلتے ہیں اِختیار رکھّو۔

29 اور خُدا نے کہا کہ دیکھو مَیں تمام رُویِ زمِین کی کُل بیِج دار سبزی اور ہر درخت جِس میں اُس کا بیِج دار پَھل ہو تُم کو دیتا ہُوں۔یہ تُمہارے کھانے کو ہوں۔

30 اور زمِین کے کُل جانوروں کے لِئے اور ہوا کے کُل پرِندوں کے لِئے اور اُن سب کے لِئے جو زمِین پر رینگنے والے ہیں جِن میں زِندگی کا دَم ہے کُل ہری بوٹِیاں کھانے کو دیتا ہُوں اور اَیسا ہی ہُؤا۔

31 اور خُدا نے سب پر جو اُس نے بنایا تھا نظر کی اور دیکھا کہ بہت اچھّا ہے اور شام ہُوئی اور صُبح ہُوئی ۔ سو چھٹا دِن ہُؤا۔