خُرُوج 22

تلافی کی بابت احکام

1 اگر کوئی آدمی بَیل یا بھیڑ چُرا لے اور اُسے ذبح کر دے یا بیچ ڈالے تو وہ ایک بَیل کے بدلے پانچ بَیل اورایک بھیڑ کے بدلے چار بھیڑیں بھرے۔

2 اگر چور سیندھ مارتے ہُوئے پکڑا جائے اور اُس پر اَیسی مار پڑے کہ وہ مَر جائے تو اُس کے خُون کا کوئی جُرم نہیں۔

3 اگر سُورج نِکل چُکے تو اُس کا خُون جُرم ہو گا بلکہ اُسے نُقصان بھرنا پڑے گا اور اگر اُس کے پاس کُچھ نہ ہو تو وہ چوری کے لِئے بیچا جائے۔

4 اگر چوری کا مال اُس کے پاس جِیتا مِلے خواہ وہ بَیل ہو یا گدھا یا بھیڑ تو وہ اُس کا دُونا بھر دے۔

5 اگر کوئی آدمی کِسی کھیت یا تاکِستان کو کھِلوا دے اور اپنے جانور کو چھوڑ دے کہ وہ دُوسرے کے کھیت کو چَر لے تو اپنے کھیت یا تاکِستان کی اچھّی سے اچھّی پَیداوار میں سے اُس کا مُعاوضہ دے۔

6 اگر آگ بھڑکے اور کانٹوں میں لگ جائے اور اناج کے ڈھیر یا کھڑی فصل یا کھیت کو جلا کر بھسم کر دے تو جِس نے آگ جلائی ہو وہ ضرُور مُعاوضہ دے۔

7 اگر کوئی اپنے ہمسایہ کو نقد یا جِنس رکھنے کو دے اور وہ اُس شخص کے گھر سے چوری ہو جائے تو اگر چور پکڑا جائے تو دُونا اُس کو بھرنا پڑے گا۔

8 پر اگر چور پکڑا نہ جائے تو اُس گھر کا مالِک خُدا کے آگے لایا جائے تاکہ معلُوم ہو جائے کہ اُس نے اپنے ہمسایہ کے مال کو ہاتھ نہیں لگایا۔

9 ہر قِسم کی خِیانت کے مُعاملہ میں خواہ بَیل کا خواہ گدھے یا بھیڑ یا کپڑے یا کِسی اور کھوئی ہُوئی چِیز کا ہو جِس کی نِسبت کوئی بول اُٹھے کہ وہ چِیز یہ ہے تو فریقین کا مُقدّمہ خُدا کے حضُور لایا جائے اور جِسے خُدا مُجرِم ٹھہرائے وہ اپنے ہمسایہ کو دُونا بھر دے۔

10 اگر کوئی اپنے ہمسایہ کے پاس گدھا یا بَیل یا بھیڑ یا کوئی اَور جانور امانت رکھّے اور وہ بغیر کِسی کے دیکھے مَر جائے یاچوٹ کھائے یا ہنکا دِیا جائے۔

11 تو اُن دونوں کے درمیان خُداوند کی قَسم ہو کہ اُس نے اپنے ہمسایہ کے مال کو ہاتھ نہیں لگایا اور مالِک اِسے سچ مانے اور دُوسرا اُس کا مُعاوضہ نہ دے۔

12 پر اگر وہ اُس کے پاس سے چوری ہو جائے تو وہ اُس کے مالِک کو مُعاوضہ دے۔

13 اور اگر اُس کو کِسی درِندے نے پھاڑ ڈالا ہو تو وہ اُس کوگواہی کے طَورپر پیش کر دے اور پھاڑے ہُوئے کا نُقصان نہ بھرے۔

14 اگر کوئی شخص اپنے ہمسایہ سے کوئی جانور عارِیّت لے اور وہ زخمی ہو جائے یا مَرجائے اور مالِک وہاں مَوجُود نہ ہو تو وہ ضرُور اُس کا مُعاوضہ دے۔

15 پر اگر مالِک ساتھ ہو تو اُس کا نُقصان نہ بھرے اور اگر کرایہ کی ہُوئی چِیز ہو تواُس کا نُقصان اُس کے کرایہ میں آگیا۔

اَخلاقی اور مذہبی قوانِین

16 اگر کوئی آدمی کِسی کُنواری کو جِس کی نِسبت نہ ہُوئی ہو پُھسلا کر اُس سے مُباشرت کرے تو وہ ضرُور ہی اُسے مَہر دے کر اُس سے بیاہ کرے۔

17 لیکن اگر اُس کا باپ ہرگِز راضی نہ ہو کہ اُس لڑکی کو اُسے دے تو وہ کُنوارِیوں کے مَہر کے مُوافِق اُسے نقدی دے۔

18 تُو جادُوگرنی کو جِینے نہ دینا۔

19 جو کوئی کِسی جانور سے مُباشرت کرے وہ قطعی جان سے مارا جائے۔

20 جو کوئی واحِد خُداوند کو چھوڑ کر کِسی اَور معبُود کے آگے قُربانی چڑھائے وہ بِالُکل نابُود کر دِیا جائے۔

21 اور تُو مُسافِر کو نہ تو ستانا نہ اُس پر سِتم کرنا اِس لِئے کہ تُم بھی مُلکِ مِصر میں مُسافِر تھے۔

22 تُم کِسی بیوہ یا یتیم لڑکے کو دُکھ نہ دینا۔

23 اگر تُو اُن کو کِسی طرح سے دُکھ دے اور وہ مُجھ سے فریاد کریں تو مَیں ضرُور اُن کی فریاد سُنوں گا۔

24 اور میرا قہر بھڑکے گا اور مَیں تُم کو تلوار سے مار ڈالُوں گا اور تُمہاری بیویاں بیوہ اور تُمہارے بچّے یتیم ہو جائیں گے۔

25 اگر تُو میرے لوگوں میں سے کِسی مُحتاج کو جو تیرے پاس رہتا ہو کُچھ قرض دے تو اُس سے قرض خواہ کی طرح سلُوک نہ کرنا اور نہ اُس سے سُود لینا۔

26 اگر تُو کِسی وقت اپنے ہمسایہ کے کپڑے گِرَو رکھ بھی لے تو سُورج کے ڈُوبنے تک اُس کوواپس کر دینا۔

27 کیونکہ فقط وُہی اُس کا ایک اوڑھنا ہے ۔ اُس کے جِسم کا وُہی لِباس ہے ۔ پِھر وہ کیا اوڑھ کر سوئے گا؟ پس جب وہ فریاد کرے گا تو مَیں اُس کی سُنوں گا کیونکہ مَیں مہربان ہُوں۔

28 تُو خُدا کو نہ کوسنا اور نہ اپنی قَوم کے سردار پر لَعنت بھیجنا۔

29 تُو اپنی کثِیر پَیداوار اور اپنے کولُھو کے رس میں سے مُجھے نذر و نیاز دینے میں دیر نہ کرنا اور اپنے بیٹوں میں سے پہلوٹھے کو مُجھے دینا۔

30 اپنی گایوں اور بھیڑوں سے بھی اَیسا ہی کرنا ۔ سات دِن تک تو بچّہ اپنی ماں کے ساتھ رہے ۔ آٹھویں دِن تُو اُسے مُجھ کو دینا۔

31 اور تُم میرے لِئے پاک آدمی ہونا ۔ اِسی سبب سے درِندوں کے پھاڑے ہُوئے جانور کا گوشت جو مَیدان میں پڑا ہُؤا مِلے مت کھانا۔ تُم اُسے کُتّوں کے آگے پھینک دینا۔

خُرُوج 23

اِنصاف اور صاف گوئی

1 تُو جُھوٹی بات نہ پَھیلانا اور ناراست گواہ ہونے کے لِئے شرِیروں کا ساتھ نہ دینا۔

2 بُرائی کرنے کے لِئے کِسی بِھیڑ کی پَیروی نہ کرنا اور نہ کِسی مُقدّمہ میں اِنصاف کا خُون کرانے کے لِئے بِھیڑ کا مُنہ دیکھ کر کُچھ کہنا۔

3 اور نہ مُقدّمہ میں کنگال کی طرف داری کرنا۔

4 اگر تیرے دُشمن کا بَیل یا گدھا تُجھے بھٹکتا ہُؤا مِلے تو تُو ضرُور اُسے اُس کے پاس پھیر کر لے آنا۔

5 اگر تُو اپنے دُشمن کے گدھے کو بوجھ کے نِیچے دبا ہُؤا دیکھے اور اُس کی مدد کرنے کو جی بھی نہ چاہتا ہو تَو بھی ضرُور اُسے مدد دینا۔

6 تُو اپنے کنگال لوگوں کے مُقدّمہ میں اِنصاف کا خُون نہ کرنا۔

7 جُھوٹے مُعاملہ سے دُور رہنا اور بے گُناہوں اور صادِقوں کو قتل نہ کرنا کیونکہ مَیں شرِیر کو راست نہیں ٹھہراؤُں گا۔

8 تُو رِشوت نہ لینا کیونکہ رِشوت بِیناؤں کو اندھا کر دیتی ہے اور صادِقوں کی باتوں کو پلٹ دیتی ہے۔

9 اور پردیسی پر ظُلم نہ کرنا کیونکہ تُم پردیسی کے دِل کو جانتے ہو اِس لِئے کہ تُم خُود بھی مُلکِ مِصر میں پردیسی تھے۔

ساتواں سال اور ساتواں دِن

10 اور چھ برس تک تُو اپنی زمِین میں بونا اور اُس کا غلّہ جمع کرنا۔

11 پر ساتویں برس اُسے یُوں ہی چھوڑ دینا کہ پڑی رہے تاکہ تیری قَوم کے مِسکِین اُسے کھائیں اور جو اُن سے بچے اُسے جنگل کے جانور چَر لیں ۔ اپنے انگُور اور زَیتُون کے باغ سے بھی اَیسا ہی کرنا۔

12 چھ دِن تک اپنا کام کاج کرنا اور ساتویں دِن آرام کرنا تاکہ تیرے بَیل اور گدھے کو آرام مِلے اور تیری لَونڈی کا بیٹا اور پردیسی تازہ دَم ہو جائیں۔

13 اور تُم سب باتوں میں جو مَیں نے تُم سے کہی ہیں ہوشیار رہنا اور دُوسرے معبُودوں کا نام تک نہ لینا بلکہ وہ تیرے مُنہ سے سُنائی بھی نہ دے۔

تِین اہم عِیدیں

14 تُو سال بھر میں تِین بار میرے لِئے عِید منانا۔

15 عِید ِفطیر کو ماننا ۔ اُس میں میرے حُکم کے مُطابِق ابیب مہینے کے مُقرّرہ وقت پر سات دِن تک بے خمِیری روٹیاں کھانا (کیونکہ اُسی مہینے میں تُو مِصر سے نِکلا تھا) اور کوئی میرے آگے خالی ہاتھ نہ آئے۔

16 اور جب تیرے کھیت میں جِسے تُو نے محِنت سے بویا پہلا پَھل آئے تو فصل کاٹنے کی عِید ماننا۔

اور سال کے آخِر میں جب تُو اپنی محنت کا پَھل کھیت سے جمع کرے تو جمع کرنے کی عِید منانا۔

17 اور سال میں تِینوں مرتبہ تُمہارے ہاں کے سب مَرد خُداوند خُدا کے آگے حاضِر ہُؤا کریں۔

18 تُو خمِیری روٹی کے ساتھ میرے ذبِیحہ کا خُون نہ چڑھانا اور میری عِید کی چربی صُبح تک باقی نہ رہنے دینا۔

19 تُو اپنی زمِین کے پہلے پَھلوں کا پہلا حِصّہ خُداوند اپنے خُدا کے گھر میں لانا ۔

تُو حلوان کو اُس کی ماں کے دُودھ میں نہ پکانا۔

وعدے اور ہدایات

20 دیکھ مَیں ایک فرِشتہ تیرے آگے آگے بھیجتا ہُوں کہ راستہ میں تیرا نِگہبان ہو اور تُجھے اُس جگہ پُہنچا دے جِسے مَیں نے تیّار کِیا ہے۔

21 تُم اُس کے آگے ہوشیار رہنا اور اُس کی بات ماننا ۔ اُسے ناراض نہ کرنا کیونکہ وہ تُمہاری خطا نہیں بخشے گا اِس لِئے کہ میرا نام اُس میں رہتا ہے۔

22 پر اگر تُو سچ مُچ اُس کی بات مانے اور جو مَیں کہتا ہُوں وہ سب کرے تو مَیں تیرے دُشمنوں کا دُشمن اور تیرے مخالِفوں کا مخالِف ہُوں گا۔

23 اِس لِئے کہ میرا فرِشتہ تیرے آگے آگے چلے گا اور تُجھے امورِیوں اور حِتّیوں اور فرزّیوں اور کنعانیوں اور حوّیوں اور یبوسیوں میں پُہنچا دے گا اور مَیں اُن کو ہلاک کر ڈالُوں گا۔

24 تُو اُن کے معبُودوں کو سِجدہ نہ کرنا نہ اُن کی عِبادت کرنا نہ اُن کے سے کام کرنا بلکہ تُواُن کو بِالُکل اُلٹ دینا اور اُن کے سُتُونوں کوٹُکڑے ٹُکڑے کر ڈالنا۔

25 اور تُم خُداوند اپنے خُدا کی عِبادت کرنا تب وہ تیری روٹی اور پانی پر برکت دے گا اور مَیں تیرے بِیچ سے بیماری کو دُور کر دُوں گا۔

26 اور تیرے مُلک میں نہ تو کِسی کے اِسقاط ہو گا اور نہ کوئی بانجھ رہے گی اور مَیں تیری عُمرپُوری کرُوں گا۔

27 مَیں اپنی ہَیبت کو تیرے آگے آگے بھیجُوں گا اور مَیں اُن سب لوگوں کو جِن کے پاس تُو جائے گا شِکست دُوں گا اور مَیں اَیسا کرُوں گا کہ تیرے سب دُشمن تیرے آگے اپنی پُشت پھیر دیں گے۔

28 مَیں تیرے آگے زنبُوروں کو بھیجُوں گا جو حوّی اور کنعانی اور حِتّی کو تیرے سامنے سے بھگا دیں گے۔

29 مَیں اُن کو ایک ہی سال میں تیرے آگے سے دُور نہیں کرُوں گا تا نہ ہو کہ زمِین وِیران ہو جائے اور جنگلی درِندے زِیادہ ہو کر تُجھے ستانے لگیں۔

30 بلکہ مَیں تھوڑا تھوڑا کر کے اُن کو تیرے سامنے سے دُور کرتا رہُوں گا جب تک تُو شُمار میں بڑھ کر مُلک کا وارِث نہ ہو جائے۔

31 مَیں بحرِ قُلز م سے لے کر فلِستِیوں کے سمُندر تک اور بیابان سے لے کر نہرِ فرات تک تیری حدّیں باندھُوں گاکیونکہ مَیں اُس مُلک کے باشِندوں کو تُمہارے ہاتھ میں کر دُوں گا اور تُو اُن کو اپنے آگے سے نِکال دے گا۔

32 تُو اُن سے یا اُن کے معبُودوں سے کوئی عہد نہ باندھنا۔

33 وہ تیرے مُلک میں رہنے نہ پائیں تا نہ ہو کہ وہ تُجھ سے میرے خِلاف گُناہ کرائیں کیونکہ اگر تُو اُن کے معبُودوں کی عِبادت کرے تو یہ تیرے لِئے ضرُور پھندا ہو جائے گا۔

خُرُوج 24

عہد کی تصدیق

1 اور اُس نے مُوسیٰ سے کہا کہ تُو ہارُو ن اور ند ب اور اَبیہو اور بنی اِسرائیل کے ستر بزُرگوں کو لے کر خُداوند کے پاس اُوپر آ اور تُم دُور ہی سے سِجدہ کرنا۔

2 اور مُوسیٰ اکیلا خُداوند کے نزدِیک آئے پر وہ نزدِیک نہ آئیں اور اَور لوگ اُس کے ساتھ اُوپر نہ چڑھیں۔

3 اور مُوسیٰ نے لوگوں کے پاس جا کر خُداوند کی سب باتیں اور احکام اُن کو بتا دِئے اور سب لوگوں نے ہم آواز ہو کر جواب دِیا کہ جِتنی باتیں خُداوند نے فرمائی ہیں ہم اُن سب کو مانیں گے۔

4 اور مُوسیٰ نے خُداوند کی سب باتیں لِکھ لیں اور صُبح کو سویرے اُٹھ کر پہاڑ کے نِیچے ایک قُربان گاہ اور بنی اِسرائیل کے بارہ قَبیلوں کے حِساب سے بارہ سُتُون بنائے۔

5 اور اُس نے بنی اِسرائیل کے جوانوں کو بھیجا جِنہوں نے سوختنی قُربانیاں چڑھائیں اور بَیلوں کو ذبح کر کے سلامتی کے ذبِیحے خُداوند کے لِئے گُذرانے۔

6 اور مُوسیٰ نے آدھا خُون لے کر باسنوں میں رکھّا اور آدھا قُربان گاہ پر چِھڑک دِیا۔

7 پِھر اُس نے عہد نامہ لِیا اور لوگوں کو پڑھ کر سُنایا ۔ اُنہوں نے کہا کہ جو کُچھ خُداوند نے فرمایا ہے اُس سب کو ہم کریں گے اور تابِع رہیں گے۔

8 تب مُوسیٰ نے اُس خُون کو لے کر لوگوں پر چِھڑکا اور کہا دیکھو یہ اُس عہد کا خُون ہے جو خُداوند نے اِن سب باتوں کے بارے میں تُمہارے ساتھ باندھا ہے۔

9 تب مُوسیٰ اور ہارُو ن اور ند ب اور اَبیہو اور بنی اِسرائیل کے ستّر بزُرگ اُوپر گئے۔

10 اور اُنہوں نے اِسرا ئیل کے خُدا کو دیکھا اور اُس کے پاؤں کے نِیچے نیلم کے پتھّر کا چبُوترا سا تھا جو آسمان کی مانِند شفّاف تھا۔

11 اور اُس نے بنی اِسرائیل کے شُرفا پر اپنا ہاتھ نہ بڑھایا ۔ سو اُنہوں نے خُدا کو دیکھا اور کھایا اور پیا۔

مُوسیٰ کوہِ سِینا پر

12 اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ پہاڑ پر میرے پاس آ اور وہیں ٹھہرا رہ اور مَیں تُجھے پتّھر کی لَوحیں اور شرِیعت اور احکام جو مَیں نے لِکھے ہیں دُوں گا تاکہ تُو اُن کو سِکھائے۔

13 اور مُوسیٰ اور اُس کا خادِم یشُو ع اُٹھے اور مُوسیٰ خُدا کے پہاڑ کے اُوپر گیا۔

14 اور بزُرگوں سے کہہ گیا کہ جب تک ہم لَوٹ کر تُمہارے پاس نہ آ جائیں تُم ہمارے لِئے یہیں ٹھہرے رہو اور دیکھو ہارُو ن اور حور تُمہارے ساتھ ہیں ۔ جِس کِسی کا کوئی مُقدّمہ ہو وہ اُن کے پاس جائے۔

15 تب مُوسیٰ پہاڑ کے اُوپر گیا اور پہاڑ پر گھٹا چھا گئی۔

16 اور خُداوند کا جلال کوہِ سِینا پر آ کر ٹھہرا اور چھ دِن تک گھٹا اُس پر چھائی رہی اور ساتویں دِن اُس نے گھٹا میں سے مُوسیٰ کو بُلایا۔

17 اور بنی اِسرائیل کی نِگاہ میں پہاڑ کی چوٹی پر خُداوند کے جلال کا منظر بھسم کرنے والی آگ کی مانِند تھا۔

18 اور مُوسیٰ گھٹا کے بِیچ میں ہو کر پہاڑ پر چڑھ گیا اور وہ پہاڑ پر چالِیس دِن اور چالِیس رات رہا۔

خُرُوج 25

خَیمۂ اِجتماع کے لِئے نذرانے اور ہَدئے

1 اور خُداوند نے مُوسیٰ کو فرمایا۔

2 بنی اِسرائیل سے یہ کہنا کہ میرے لِئے نذر لائیں اور تُم اُن ہی سے میری نذر لینا جو اپنے دِل کی خُوشی سے دیں۔

3 اور جِن چِیزوں کی نذر تُم کو اُن سے لینی ہے وہ یہ ہیں :- سونا اور چاندی اور پِیتل۔

4 اور آسمانی اور ارغَوانی اور سُرخ رنگ کا کپڑا اور بارِیک کتان اور بکری کی پشم۔

5 اور مینڈھوں کی سُرخ رنگی ہُوئی کھالیں اور تخس کی کھالیں اور کِیکر کی لکڑی۔

6 اور چراغ کے لِئے تیل اور مَسح کرنے کے تیل کے لِئے اور خُوشبُودار بخُور کے لِئے مصالِح۔

7 اور سنگِ سُلیمانی اور افُود اور سِینہ بند میں جڑنے کے نگینے۔

8 اور وہ میرے لِئے ایک مَقدِس بنائیں تاکہ مَیں اُن کے درمیان سکُونت کرُوں۔

9 اور مسکن اور اُس کے سارے سامان کا جو نمُونہ میں تُجھے دِکھاؤُں ٹھیک اُسی کے مُطابِق تُم اُسے بنانا۔

عہد کا صندُوق

10 اور وہ کِیکر کی لکڑی کا ایک صندُوق بنائیں جِس کی لمبائی ڈھائی ہاتھ اور چَوڑائی ڈیڑھ ہاتھ اور اُونچائی ڈیڑھ ہاتھ ہو۔

11 اور تُو اُس کے اندر اور باہر خالِص سونا منڈھنا اور اُس کے اُوپر گِرداگِرد ایک زرِّین تاج بنانا۔

12 اور اُس کے لِئے سونے کے چار کڑے ڈھال کر اُس کے چاروں پایوں میں لگانا۔دو کڑے ایک طرف ہوں اور دو ہی دُوسری طرف۔

13 اور کِیکر کی لکڑی کی چوبیں بنا کر اُن پر سونا منڈھنا۔

14 اور اِن چوبوں کو صندُوق کے اطراف کے کڑوں میں ڈالنا کہ اُن کے سہارے صندُوق اُٹھ جائے۔

15 چوبیں صندُوق کے کڑوں کے اندر لگی رہیں اور اُس سے الگ نہ کی جائیں۔

16 اور تُو اُس شہادت نامہ کو جو مَیں تُجھے دُوں گا اُسی صندُوق میں رکھنا۔

17 اور تُو کفّارہ کا سرپوش خالِص سونے کا بنانا جِس کا طُول ڈھائی ہاتھ اور عرض ڈیڑھ ہاتھ ہو۔

18 اور سونے کے دو کرُّوبی سرپوش کے دونوں سِروں پر گھڑ کر بنانا۔

19 ایک کرُّوبی کو ایک سِرے پر اور دُوسرے کرُّوبی کو دُوسرے سِرے پر لگانا اور تُم سرپوش کو اور دونوں سرِوں کے کرُّوبیوں کو ایک ہی ٹُکڑے سے بنانا۔

20 اور وہ کرُّوبی اِس طرح اُوپر کو اپنے پَر پَھیلائے ہُوئے ہوں کہ سرپوش کو اپنے پَروں سے ڈھانک لیں اور اُن کے مُنہ آمنے سامنے سرپوش کی طرف ہوں۔

21 اور تُو اُس سرپوش کو اُس صندُوق کے اُوپر لگانا اور وہ عہدنامہ جو مَیں تُجھے دُوں گا اُسے اُس صندُوق کے اندر رکھنا۔

22 وہاں مَیں تُجھ سے مِلا کرُوں گا اور اُس سرپوش کے اُوپر سے اور کرُّوبیوں کے بِیچ میں سے جو عہدنامہ کے صندُوق کے اُوپر ہوں گے اُن سب احکام کے بارے میں جو مَیں بنی اِسرائیل کے لِئے تُجھے دُوں گا تُجھ سے بات چِیت کِیا کرُوں گا۔

نذر کی روٹیوں کے لِئے میز

23 اور تُو دو ہاتھ لمبی اور ایک ہاتھ چَوڑی اور ڈیڑھ ہاتھ اُونچی کِیکر کی لکڑی کی ایک میز بھی بنانا۔

24 اور اُس کو خالِص سونے سے منڈھنا اور اُس کے گِرداگِرد ایک زرِّین تاج بنانا۔

25 اور اُس کے چَوگِرد چار اُنگل چَوڑی ایک کنگنی لگانا اور اُس کنگنی کے گِرداگِرد ایک زرّ ِین تاج بنانا۔

26 اور سونے کے چار کڑے اُس کے لِئے بنا کر اُن کڑوں کو چاروں کونوں میں لگانا جو چاروں پایوں کے مُقابِل ہوں گے۔

27 وہ کڑے کنگنی کے پاس ہی ہوں تاکہ چوبوں کے واسطے جِن کے سہارے میز اُٹھائی جائے گھروں کا کام دیں۔

28 اور کِیکر کی لکڑی کی چوبیں بنا کر اُن کو سونے سے منڈھنا تاکہ میز اُن ہی سے اُٹھائی جائے۔

29 اور تُو اُس کے طباق اور چمچے اور آفتابے اور اُنڈیلنے کے بڑے بڑے کٹورے سب خالِص سونے کے بنانا۔

30 اور تُو اُس میز پر نذر کی روٹیاں ہمیشہ میرے رُوبرُو رکھنا۔

شمعدان

31 اور تُو خالِص سونے کا ایک شمعدان بنانا ۔ وہ شمعدان اور اُس کا پایہ اور ڈنڈی سب گھڑ کر بنائے جائیں اور اُس کی پیالیاں اور لٹُّو اور اُس کے پُھول سب ایک ہی ٹُکڑے کے بنے ہوں۔

32 اور اُس کے دونوں پہلُوؤں سے چھ شاخیں باہر کو نِکلتی ہوں ۔ تین شاخیں شمعدان کے ایک پہلُو سے نِکلیں اور تین دُوسرے پہلُو سے۔

33 ایک شاخ میں بادام کے پُھول کی صُورت کی تین پِیالیاں ۔ ایک لٹُّو اور ایک پُھول ہو اور دُوسری شاخ میں بھی بادام کے پُھول کی صُورت کی تین پِیالیاں ایک لٹُّو اور ایک پُھول ہو ۔ اِسی طرح شمعدان کی چھئوں شاخوں میں یہ سب لگا ہُؤا ہو۔

34 اور خُود شمعدان میں بادام کے پُھول کی صُورت کی چار پِیالیاں اپنے اپنے لٹُّو اور پُھول سمیت ہوں۔

35 اور دو شاخوں کے نِیچے ایک لٹّوُ ۔ سب ایک ہی ٹُکڑے کے ہوں اور پِھر دو شاخوں کے نِیچے ایک لٹّوُ ۔ سب ایک ہی ٹُکڑے کے ہوں اور پِھر دو شاخوں کے نِیچے ایک لٹُّو ۔ سب ایک ہی ٹُکڑے کے ہوں ۔ شمعدان کی چھئوں باہر کو نِکلی ہُوئی شاخیں اَیسی ہی ہوں۔

36 یعنی لٹُّو اور شاخیں اور شمعدان سب ایک ہی ٹُکڑے کے بنے ہوں ۔ یہ سب کا سب خالِص سونے کے ایک ہی ٹُکڑے سے گھڑ کر بنایا جائے۔

37 اور تُو اُس کے لِئے سات چراغ بنانا ۔ یہی چراغ جلائے جائیں تاکہ شمعدان کے سامنے رَوشنی ہو۔

38 اور اُس کے گُلگِیر اور گُلدان خالِص سونے کے ہوں۔

39 شمعدان اور یہ سب ظُروف ایک قنطار خالِص سونے کے بنے ہُوئے ہوں۔

40 اور دیکھ تُو اِن کو ٹھیک اِن کے نمُونہ کے مُطابِق جو تُجھے پہاڑ پر دِکھایاگیا ہے بنانا۔

خُرُوج 26

خُداوندکی حضُوری کا خَیمہ (مسکن)

1 اور تُو مسکن کے لِئے دس پردے بنانا ۔ یہ بٹے ہُوئے بارِیک کتان اور آسمانی قِرمزی اور سُرخ رنگ کے کپڑوں کے ہوں اور اِن میں کِسی ماہر اُستاد سے کرُّوبیوں کی صُورت کڑھوانا۔

2 ہر پردہ کی لمبائی اٹھائِیس ہاتھ اور چَوڑائی چار ہاتھ ہو اور سب پردے ایک ہی ناپ کے ہوں۔

3 اور پانچ پردے ایک دُوسرے سے جوڑے جائیں اور باقی پانچ پردے بھی ایک دُوسرے سے جوڑے جائیں۔

4 اور تُو ایک بڑے پردہ کے حاشیہ میں بٹے ہُوئے کنارے کی طرف جو جوڑا جائے گا آسمانی رنگ کے تُکمے بنانا اور اَیسے ہی دُوسرے بڑے پردہ کے حاشیہ میں جو اِس کے ساتھ مِلایا جائے گا تُکمے بنانا۔

5 پچاس تُکمے ایک بڑے پردہ میں بنانا اور پچاس ہی دُوسرے بڑے پردہ کے حاشیہ میں جو اِس کے ساتھ مِلایا جائے گا بنانا اور سب تُکمے ایک دُوسرے کے آمنے سامنے ہوں۔

6 اور سونے کی پچاس گُھنڈیاں بنا کر اِن پردوں کو اِن ہی گُھنڈیوں سے ایک دُوسرے کے ساتھ جوڑ دینا ۔ تب وہ مسکن ایک ہو جائے گا۔

7 اور تُو بکری کے بال کے پردے بنانا تاکہ مسکن کے اُوپر خَیمہ کا کام دیں ۔ اَیسے پردے گیارہ ہوں۔

8 اور ہر پردہ کی لمبائی تِیس ہاتھ اور چَوڑائی چار ہاتھ ہو ۔ وہ گیارہ ہوں ۔ پردے ایک ہی ناپ کے ہوں۔

9 اور تُو پانچ پردے ایک جگہ اور چھ پردے ایک جگہ آپس میں جوڑ دینا اور چھٹے پردہ کو خَیمہ کے سامنے موڑ کر دُہرا کر دینا۔

10 اور تُو پچاس تُکمے اُس پردہ کے حاشیہ میں جو باہرسے مِلایا جائے گا اور پچاس ہی تُکمے دُوسری طرف کے پردہ کے حاشیہ میں جو باہِرسے مِلایا جائے گا بنانا۔

11 اور پِیتل کی پچاس گُھنڈیاں بنا کر اِن گُھنڈیوں کو تُکموں میں پہنا دینا اور خَیمہ کو جوڑ دینا تاکہ وہ ایک ہو جائے۔

12 اور خَیمہ کے پردوں کا لٹکا ہُؤا حِصّہ یعنی آدھا پردہ جو بچ رہے گا وہ مسکن کی پِچھلی طرف لٹکا رہے۔

13 اور خَیمہ کے پردوں کی لمبائی کے باقی حِصّہ میں سے ایک ہاتھ پردہ اِدھر سے اور ایک ہاتھ پردہ اُدھر سے مسکن کی دونوں طرف اِدھر اور اُدھر لٹکا رہے تاکہ اُسے ڈھانک لے۔

14 اور تُو اِس خَیمہ کے لِئے مینڈھوں کی سُرخ رنگی ہُوئی کھالوں کا غِلاف اور اُس کے اُوپر تخسوں کی کھالوں کا غِلاف بنانا۔

15 اور تُو مسکن کے لِئے کِیکر کی لکڑی کے تختے بنانا کہ کھڑے کِئے جائیں۔

16 ہر تختہ کی لمبائی دس ہاتھ اور چَوڑائی ڈیڑھ ہاتھ ہو۔

17 اور ہر تختہ میں دو دو چُولیں ہوں جو ایک دُوسری سے مِلی ہُوئی ہوں ۔ مسکن کے سب تختے اِسی طرح کے بنانا۔

18 اور مسکن کے لِئے جو تختے تُو بنائے گا اُن میں سے بِیس تختے جنُوبی سِمت کے لِئے ہوں۔

19 اور اِن بِیسوں تختوں کے نِیچے چاندی کے چالِیس خانے بنانا یعنی ہر ایک تختہ کے نِیچے اُس کی دونوں چُو لوں کے لِئے دو دو خانے۔

20 اور مسکن کی دُوسری طرف یعنی شِمالی سِمت کے لِئے بِیس تختے ہوں۔

21 اور اُن کے لِئے بھی چاندی کے چالیس ہی خانے ہوں یعنی ایک ایک تختہ کے نِیچے دو دو خانے۔

22 اور مسکن کے پِچھلے حِصّہ کے لِئے مغرِبی سِمت میں چھ تختے بنانا۔

23 اور اُسی پَچھلے حِصّہ میں مسکن کے کونوں کے لِئے دو تختے بنانا۔

24 یہ نِیچے سے دُہرے ہوں اور اِسی طرح اُوپر کے سِرے تک آ کر ایک حلقہ میں مِلائے جائیں ۔ دونوں تختے اِسی ڈھب کے ہوں ۔ یہ تختے دونوں کونوں کے لِئے ہوں گے۔

25 پس آٹھ تختے اور چاندی کے سولہ خانے ہوں گے یعنی ایک ایک تختہ کے لِئے دو دو خانے۔

26 اور تُو کِیکر کی لکڑی کے بینڈے بنانا ۔ پانچ بینڈے مسکن کے ایک پہلُو کے تختوں کے لِئے۔

27 اور پانچ بینڈے مسکن کے دُوسرے پہلُو کے تختوں کے لِئے اور پانچ بینڈے مسکن کے پِچھلے حِصّہ یعنی مغرِبی سِمت کے تختوں کے لِئے۔

28 اور وسطی بینڈا جو تختوں کے بِیچ میں ہو وہ خَیمہ کی ایک حدّسے دُوسری حد تک پُہنچے۔

29 اور تُو تختوں کو سونے سے منڈھنا اور بینڈوں کے گھروں کے لِئے سونے کے کڑے بنانا اور بینڈوں کو بھی سونے سے منڈھنا۔

30 اور تُو مسکن کو اُسی نمُونہ کے مُطابِق بنانا جو پہاڑ پر تُجھے دِکھایا گیا ہے۔

31 اور تُو آسمانی ۔ ارغوانی اور سُرخ رنگ کے کپڑوں اور بارِیک بٹے ہُوئے کتان کا ایک پردہ بنانا اور اُس میں کِسی ماہر اُستاد سے کرُّ وبیوں کی صُورت کڑھوانا۔

32 اور اُسے سونے سے منڈھے ہُوئے کِیکر کے چار سُتُونوں پر لٹکانا۔ اِن کے کُنڈے سونے کے ہوں اور چاندی کے چار خانوں پر کھڑے کِئے جائیں۔

33 اور پردہ کو گُھنڈیوں کے نِیچے لٹکانا اور شہادت کے صندُوق کو وہیں پردہ کے اندر لے جانا اور یہ پردہ تُمہارے لِئے پاک مقام کو پاک ترین مقام سے الگ کرے گا۔

34 اور تُو سرپوش کو پاک ترین مقام میں شہادت کے صندُوق پر رکھنا۔

35 اور میز کو پردہ کے باہر دھر کر شمعدان کو اُس کے مُقابِل مسکن کی جنُوبی سِمت میں رکھنا یعنی میز شِمالی سِمت میں رکھنا۔

36 اور تُو ایک پردہ خَیمہ کے دروازہ کے لِئے آسمانی ارغوانی اور سُرخ رنگ کے کپڑوں اور بارِیک بٹے ہُوئے کتان کا بنانا اور اُس پر بیل بُوٹے کڑھے ہُوئے ہوں۔

37 اور اِس پردہ کے لِئے کِیکر کی لکڑی کے پانچ سُتُون بنانا اور اُن کو سونے سے منڈھنا اور اُن کے کُنڈے سونے کے ہوں جِن کے لِئے تُو پِیتل کے پانچ خانے ڈھال کر بنانا۔

خُرُوج 27

قُربان گاہ

1 اور تُو کِیکر کی لکڑی کی قُربان گاہ پانچ ہاتھ لمبی اور پانچ ہاتھ چَوڑی بنانا ۔ وہ قُربان گاہ چَوکُھونٹی اور اُس کی اُونچائی تِین ہاتھ ہو۔

2 اور تُو اُس کے لِئے اُس کے چاروں کونوں پر سِینگ بنانا اور وہ سِینگ اور قُربان گاہ سب ایک ہی ٹُکڑے کے ہوں اور تُو اُن کو پِیتل سے منڈھنا۔

3 اور تُو اُس کی راکھ اُٹھانے کے لِئے دیگیں اور بیلچے اور کٹورے اور سِیخیں اور انگیٹھیاں بنانا ۔ اُس کے سب ظرُوف پِیتل کے بنانا۔

4 اور اُس کے لِئے پِیتل کی جالی کی جھنجری بنانا اور اُس جالی کے چاروں کونوں پر پِیتل کے چار کڑے لگانا۔

5 اور اُس جھنجری کو قُربان گاہ کی چاروں طرف کے کنارے کے نِیچے اِس طرح لگانا کہ وہ اُونچائی میں قُربان گاہ کی آدھی دُور تک پُہنچے۔

6 اور تُو قُربان گاہ کے لِئے کِیکر کی لکڑی کی چوبیں بنا کر اُن کو پِیتل سے منڈھنا۔

7 اور تُو اُن چوبوں کو کڑوں میں پہنا دینا کہ جب کبھی قُربان گاہ اُٹھائی جائے وہ چوبیں اُس کی دونوں طرف رہیں۔

8 تختوں سے وہ قُربان گاہ بنانا اور وہ کھوکھلی ہو۔وہ اُسے اَیسی ہی بنائیں جَیسی تُجھے پہاڑ پر دِکھائی گئی ہے۔

مسکن کا صحن

9 پِھر تُو مسکن کے لِئے صحن بنانا ۔ اُس صحن کی جنُوبی سِمت کے لِئے بارِیک بٹے ہُوئے کتان کے پردے ہوں جو مِلا کر سو ہاتھ لمبے ہوں ۔ یہ سب ایک ہی سِمت میں ہوں۔

10 اور اُن کے لِئے بِیس سُتُون بنیں اور سُتُونوں کے لِئے پِیتل کے بِیس ہی خانے بنیں اور اِن سُتُونوں کے کُنڈے اور پٹّیاں چاندی کی ہوں۔

11 اِسی طرح شِمالی سِمت کے لِئے پردے سب مِلا کر لمبائی میں سَو ہاتھ ہوں ۔ اُن کے لِئے بھی بِیس ہی سُتُون اور سُتُونوں کے لِئے بِیس ہی پِیتل کے خانے بنیں اور سُتُونوں کے کُنڈے اور پٹّیاں چاندی کی ہوں۔

12 اور صحن کی مغرِبی سِمت کی چَوڑائی میں پچاس ہاتھ کے پردے ہوں ۔ اُن کے لِئے دس سُتُون اور سُتُونوں کے لِئے دس ہی خانے بنیں۔

13 اور مَشرِقی سِمت میں صحن ہو۔

14 اور صحن کے دروازہ کے ایک پہلُو کے لِئے پندرہ ہاتھ کے پردے ہوں جِن کے لِئے تِین سُتُون اور سُتُونوں کے لِئے تِین ہی خانے بنیں۔

15 اور دُوسرے پہلُو کے لِئے بھی پندرہ ہاتھ کے پردے اور تِین سُتُون اور تِین ہی خانے بنیں۔

16 اور صحن کے دروازہ کے لِئے بِیس ہاتھ کا ایک پردہ ہو جو آسمانی ۔ ارغوانی اور سُرخ رنگ کے کپڑوں اور بارِیک بٹے ہُوئے کتان کا بنا ہُؤا ہو اور اُس پر بیل بُوٹے کڑھے ہوں ۔ اُس کے سُتُون چار اور سُتُونوں کے خانے بھی چار ہی ہوں۔

17 اور صحن کے آس پاس سب سُتُون چاندی کی پٹّیوں سے جڑے ہُوئے ہوں اور اُن کے کُنڈے چاندی کے اور اُن کے خانے پِیتل کے ہوں۔

18 صحن کی لمبائی سَو ہاتھ اور چَوڑائی ہر جگہ پچاس ہاتھ اور قنات کی اُونچائی پانچ ہاتھ ہو ۔ پردے بارِیک بٹے ہُوئے کتان کے اور سُتُونوں کے خانے پِیتل کے ہوں۔

19 مسکن کے قِسم قِسم کے کام کے سب سامان اور وہاں کی میخیں اور صحن کی میخیں یہ سب پِیتل کے ہوں۔

چراغ کی نِگہداشت

20 اور تُو بنی اِسرائیل کو حُکم دینا کہ وہ تیرے پاس کُوٹ کر نِکالا ہُؤا زَیتُون کا خالِص تیل رَوشنی کے لِئے لائیں تاکہ چراغ ہمیشہ جلتا رہے۔

21 خَیمۂ اِجتماع میں اُس پردہ کے باہر جو شہادت کے صندُوق کے سامنے ہو گا ہارُو ن اور اُس کے بیٹے شام سے صُبح تک شمعدان کو خُداوند کے رُوبرُو آراستہ رکھّیں ۔ یہ دستُورُالعمل بنی اِسرائیل کے لِئے نسل در نسل سدا قائِم رہے گا۔

خُرُوج 28

کاہِنوں کے لِباس

1 اور تُو بنی اِسرائیل میں سے ہارُو ن کو جو تیرا بھائی ہے اور اُس کے ساتھ اُس کے بیٹوں کو اپنے نزدِیک کر لینا تاکہ ہارُو ن اور اُس کے بیٹے ۔ ندب اور اَبیہو اور العیزر اور اِتمر کہانت کے عُہدہ پر ہو کر میری خِدمت کریں۔

2 اور تُو اپنے بھائی ہارُو ن کے لِئے عِزّت اور زِینت کے واسطے مُقدّس لِباس بنا دینا۔

3 اور تُو اُن سب روشن ضمیروں سے جِن کو مَیں نے حِکمت کی رُوح سے بھرا ہے کہہ کہ وہ ہارُو ن کے لِئے لِباس بنائیں تاکہ وہ مُقدّس ہو کر میرے لِئے کاہِن کی خِدمت کو انجام دے۔

4 اور جو لِباس وہ بنائیں گے یہ ہیں یعنی سِینہ بند اور افُود اور جُبّہ اور چار خانے کا کُرتہ اور عمامہ اور کمر بند ۔ وہ تیرے بھائی ہارُو ن اور اُس کے بیٹوں کے واسطے یہ پاک لِباس بنائیں تاکہ وہ میرے لِئے کاہِن کی خِدمت کو انجام دے۔

5 اور وہ سونا اور آسمانی اور ارغوانی اور سُرخ رنگ کے کپڑے اور مہین کتان لیں۔

6 اور وہ افُود سونے اور آسمانی اور ارغوانی اور سُرخ رنگ کے کپڑوں اور بارِیک بٹے ہُوئے کتان کا بنائیں جو کِسی ماہِر اُستاد کے ہاتھ کا کام ہو۔

7 اور وہ اِس طرح سے جوڑا جائے کہ اُس کے دونوں مونڈھوں کے سِرے آپس میں مِلا دِئے جائیں۔

8 اور اُس کے اُوپر جو کارِیگری سے بُنا ہُؤا پٹکا اُس کے باندھنے کے لِئے ہو گا اُس پر افُود کی طرح کام ہو اور وہ اُسی کپڑے کا ہو اور سونے اور آسمانی اور ارغوانی اور سُرخ رنگ کے کپڑوں اور بارِیک بٹے ہُوئے کتان کا بُنا ہُؤا ہو۔

9 اور تُو دو سُلیمانی پتّھر لے کر اُن پر اِسرا ئیل کے بیٹوں کے نام کندہ کرانا۔

10 اُن میں سے چھ کے نام تو ایک پتّھرپر اور باقیوں کے چھ نام دُوسرے پتّھرپر اُن کی پَیدایش کی ترتِیب کے مُوافِق ہوں۔

11 تُو پتّھر کے کندہ کار کو لگا کر انگشتری کے نقش کی طرح اِسرا ئیل کے بیٹوں کے نام اُن دونوں پتّھروں پر کندہ کرا کے اُن کو سونے کے خانوں میں جڑوانا۔

12 اور دونوں پتّھروں کو افُود کے دونوں مونڈھوں پر لگانا تاکہ یہ پتّھر اِسرا ئیل کے بیٹوں کی یادگاری کے لِئے ہوں اور ہارُو ن اُن کے نام خُداوند کے رُوبرُو اپنے دونوں کندھوں پر یادگاری کے لِئے لگائے رہے۔

13 اور تُو سونے کے خانے بنانا۔

14 اور خالِص سونے کی دو زنجیریں ڈوری کی طرح گُندھی ہُوئی بنانا اور اِن گُندھی ہُوئی زنجیروں کو خانوں میں جڑ دینا۔

کاہِن کا سِینہ بند

15 اور عدل کا سِینہ بند کِسی ماہِر اُستاد سے بنوانااور افُود کی طرح سونے اور آسمانی اور ارغوانی اور سُرخ رنگ کے کپڑوں اور بارِیک بٹے ہُوئے کتان کا بنوانا۔

16 وہ چَوکُھونٹا اور دُہرا ہو ۔ اُس کی لمبائی ایک بالِشت اور چَوڑائی بھی ایک ہی بالِشت ہو۔

17 اور چار قطاروں میں اُس پر جواہِرجڑنا ۔ پہلی قطار میں یاقوتِ سُرخ اور پُکھراج اور گوہر ِشب چراغ ہو۔

18 دُوسری قطار میں زمُرّد اور نِیلم اور ہِیرا۔

19 تِیسری قطار میں لشم اور یشم اور یاقُوت۔

20 چَوتھی قطار میں فِیروزہ اور سنگِ سُلیمانی اور زبرجد ۔ یہ سب سونے کے خانوں میں جڑے جائیں۔

21 یہ جواہِر اِسرا ئیل کے بیٹوں کے ناموں کے مُطابِق شُمار میں بارہ ہوں اور انگشتری کے نقش کی طرح یہ نام جو بارہ قبیلوں کے نام ہوں گے اُن پر کندہ کِئے جائیں۔

22 اور تُو سِینہ بند پر ڈوری کی طرح گُندھی ہُوئی خالِص سونے کی دو زنجیریں لگانا۔

23 اور سِینہ بند کے لِئے سونے کے دو حلقے بنا کر اُن کو سِینہ بند کے دونوں سِروں پر لگانا۔

24 اور سونے کی دونوں گُندھی ہُوئی زنجیروں کو اُن دونوں حلقوں میں جو سِینہ بند کے دونوں سِروں پر ہوں گے لگا دینا۔

25 اور دونوں گُندھی ہُوئی زنجیروں کے باقی دونوں سِروں کو دونوں پتّھروں کے خانوں میں جڑ کر اُن کو افُود کے دونوں مونڈھوں پر سامنے کی طرف لگا دینا۔

26 اور سونے کے اَور دو حلقے بنا کر اُن کو سِینہ بند کے دونوں سِروں کے اُس حاشیہ میں لگانا جو افُود کے اندر کی طرف ہے۔

27 پِھر سونے کے دو حلقے اور بنا کراُن کو افُود کے دونوں مونڈھوں کے نِیچے اُس کے اگلے حِصّہ میں لگانا جہاں افُود جوڑا جائے گا تاکہ وہ افُود کے کارِیگری سے بُنے ہُوئے پٹکے کے اُوپر رہے۔

28 اور وہ سِینہ بند کو لے کر اُس کے حلقوں کو ایک نِیلے فِیتے سے باندھ دیں تاکہ یہ سِینہ بند افُود کے کارِیگری سے بُنے ہُوئے پٹکے کے اُوپر بھی رہے اور افُود سے بھی الگ نہ ہونے پائے۔

29 اور ہارُو ن اِسرا ئیل کے بیٹوں کے نام عدل کے سِینہ بند پر اپنے سِینہ پر پاک مقام میں داخِل ہونے کے وقت خُداوند کے رُوبرُو لگائے رہے تاکہ ہمیشہ اُن کی یادگاری ہُؤا کرے۔

30 اور تُوعدل کے سِینہ بند میں اُورِیم اور تُمیّم کو رکھنا اور جب ہارُو ن خُداوند کے حضُور جائے تو یہ اُس کے دِل کے اُوپر ہوں ۔ یُوں ہارُون بنی اِسرائیل کے فَیصلہ کو اپنے دِل کے اُوپر خُداوند کے رُوبرُو ہمیشہ لِئے رہے گا۔

کاہِنوں کے دُوسرے لِباس

31 اور تُو افُود کا جُبّہ بِالکل آسمانی رنگ کا بنانا۔

32 اور اُس کا گریبان بِیچ میں ہو اور زِرہ کے گریبان کی طرح اُس کے گریبان کے گِردا گِرد بُنی ہُوئی گوٹ ہو تاکہ وہ پھٹنے نہ پائے۔

33 اور اُس کے دامن کے گھیر میں چاروں طرف آسمانی ۔ ارغوانی اور سُرخ رنگ کے انار بنانا اور اُن کے درمیان چاروں طرف سونے کی گھنٹیاں لگانا۔

34 یعنی جُبّہ کے دامن کے پُورے گھیر میں ایک سونے کی گھنٹی ہو اور اُس کے بعد انار ۔ پِھر ایک سونے کی گھنٹی ہو اور اُس کے بعد انار۔

35 اِس جُبّہ کو ہارُو ن خِدمت کے وقت پہنا کرے تاکہ جب جب وہ پاک مقام کے اندر خُداوند کے حضُور جائے یا وہاں سے نِکلے تو اُس کی آواز سُنائی دے تا اَیسانہ ہو کہ وہ مَر جائے۔

36 اور تُوخالِص سونے کا ایک پتّر بنا کر اُس پر انگشتری کے نقش کی طرح یہ کندہ کرنا خُداوند کے لِئے مُقدّس۔

37 اور اُسے نِیلے فِیتے سے باندھنا تاکہ وہ عمامہ پر یعنی عمامہ کے سامنے کے حِصّہ پر ہو۔

38 اور یہ ہارُو ن کی پیشانی پر رہے تاکہ جو کُچھ بنی اِسرائیل اپنے پاک ہدیوں کے ذرِیعہ سے مُقدّس ٹھہرائیں اُن مُقدّس ٹھہرائی ہُوئی چِیزوں کی بدی ہارُون اُٹھائے اور یہ اُس کی پیشانی پر ہمیشہ رہے تاکہ وہ خُداوند کے حضُور مقبُول ہوں۔

39 اور کُرتہ بارِیک کتان کا بُنا ہُؤا اور چارخانے کا ہو اور عمامہ بھی بارِیک کتان ہی کا بنانا اور ایک کمربند بنانا جِس پر بیل بُوٹے کڑھے ہوں۔

40 اور ہارُو ن کے بیٹوں کے لِئے کُرتے بنانا اور عِزّت اور زِینت کے واسطے اُن کے لِئے کمربند اور پگڑیاں بنانا۔

41 اور تُو یہ سب اپنے بھائی ہارُون اور اُس کے ساتھ اُس کے بیٹوں کو پہنانا اور اُن کو مَسح اور مخصُوص اور مُقدّس کرنا تاکہ وہ سب میرے لِئے کاہِن کی خِدمت کو انجام دیں۔

42 اور تُو اُن کے لِئے کتان کے پاجامے بنا دینا تاکہ اُن کا بدن ڈھکا رہے ۔ یہ کمر سے ران تک کے ہوں۔

43 اور ہارُون اور اُس کے بیٹے جب جب خَیمہ اِجتماع میں داخِل ہوں یا خِدمت کرنے کو پاک مکان کے اندر قُربان گاہ کے نزدِیک جائیں اُن کو پہنا کریں تا اَیسا نہ ہو کہ گُنہگار ٹھہریں اور مَر جائیں ۔ یہ دستُورُالعمل اُس کے اور اُس کی نسل کے لِئے ہمیشہ رہے گا۔

خُرُوج 29

ہارُون اور اُس کے بیٹوں کو کاہِن مخصُوص کرنے کے لِئے ہدایات

1 اور اُن کو پاک کرنے کی خاطِر تاکہ وہ میرے لِئے کاہِن کی خِدمت کو انجام دیں تُو اُن کے واسطے یہ کرنا کہ ایک بچھڑا اور دو بے عَیب مینڈھے لینا۔

2 اور بے خمِیری روٹی اور بے خمِیرکے کُلچے جِن کے ساتھ تیل مِلا ہو اور تیل کی چُپڑی ہُوئی بے خمِیری چپاتیاں لینا ۔ یہ سب گیہُوں کے مَیدہ کی بنانا۔

3 اور اِن کو ایک ٹوکری میں رکھ کر اُس ٹوکری کو بچھڑے اور دونوں مینڈھوں سمیت آگے لے آنا۔

4 پِھر ہارُو ن اور اُس کے بیٹوں کو خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر لا کر اُن کو پانی سے نہلانا۔

5 اور وہ لِباس لے کر ہارُو ن کو کُرتہ اور افُود کا جُبّہ اور افُود اور سِینہ بند پہنانا اور افود کا کارِیگری سے بُنا ہُؤا کمربند اُس کے باندھ دینا۔

6 اور عمامہ کو اُس کے سر پر رکھّ کر اُس عمامہ کے اُوپر مُقدّس تاج لگا دینا۔

7 اور مَسح کرنے کا تیل لے کر اُس کے سر پر ڈالنا اور اُس کو مَسح کرنا۔

8 پِھر اُس کے بیٹوں کو آگے لا کر اُن کو کُرتے پہنانا۔

9 اور ہارُون اور اُس کے بیٹوں کے کمربند لپیٹ کر اُن کے پگڑیاں باندھنا تاکہ کہانت کے منصب پر ہمیشہ کے لِئے اُن کا حق رہے اور ہارُو ن اور اُس کے بیٹوں کو مخصُوص کرنا۔

10 پِھر تُو اُس بچھڑے کو خَیمۂِ اِجتماع کے سامنے لانا اور ہارُو ن اور اُس کے بیٹے اپنے ہاتھ اُس بچھڑے کے سر پر رکھّیں۔

11 پِھر اُس بچھڑے کو خُداوند کے آگے خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر ذبح کرنا۔

12 اور اُس بچھڑے کے خُون میں سے کُچھ لے کر اُسے اپنی اُنگلی سے قُربان گاہ کے سِینگوں پر لگانا اور باقی سارا خُون قُربان گاہ کے پایہ پر اُنڈیل دینا۔

13 پِھر اُس چربی کو جِس سے انتڑیاں ڈھکی رہتی ہیں اور جِگر پر کی جِھلّی کو اور دونوں گُردوں کو اور اُن کے اُوپر کی چربی کو لے کر سب قُربان گاہ پر جلانا۔

14 لیکن اُس بچھڑے کے گوشت اور کھال اور گوبر کو خَیمہ گاہ کے باہر آگ سے جلا دینا اِس لِئے کہ یہ خطا کی قُربانی ہے۔

15 پِھر تُو ایک مینڈھے کو لینا اور ہارُو ن اور اُس کے بیٹے اپنے ہاتھ اُس مینڈھے کے سر پر رکھّیں۔

16 اور تُو اُس مینڈھے کو ذبح کرنا اور اُس کا خُون لے کر قُربان گاہ پر چاروں طرف چِھڑکنا۔

17 اور تُو مینڈھے کو ٹُکڑے ٹُکڑے کاٹنا اور اُس کی انتڑیوں اور پایوں کو دھو کر اُس کے ٹُکڑوں اور اُس کے سر کے ساتھ مِلا دینا۔

18 پِھر اِس پُورے مینڈھے کو قُربان گاہ پر جلانا ۔ یہ خُداوند کے لِئے سوختنی قُربانی ہے ۔ یہ راحت انگیز خُوشبُو یعنی خُداوند کے لِئے آتشین قُربانی ہے۔

19 پِھر دُوسرے مینڈھے کو لینا اور ہارُو ن اور اُس کے بیٹے اپنے ہاتھ اُس مینڈھے کے سر پر رکھّیں۔

20 اور تُو اِس مینڈھے کو ذبح کرنا اور اُس کے خُون میں سے کُچھ لے کر ہارُو ن اور اُس کے بیٹوں کے دہنے کان کی لَو پر اور دہنے ہاتھ اور دہنے پاؤں کے انگُوٹھوں پر لگانا اور خُون کو قُربان گاہ پر چاروں طرف چِھڑک دینا۔

21 اور قُربان گاہ پر کے خُون اور مَسح کرنے کے تیل میں سے کُچھ کُچھ لے کر ہارُو ن اور اُس کے لِباس پر اور اُس کے ساتھ اُس کے بیٹوں اور اُن کے لِباس پر چِھڑکنا ۔ تب وہ اپنے لِباس سمیت اور اُس کے ساتھ ہی اُس کے بیٹے اپنے اپنے لِباس سمیت مُقدّس ہوں گے۔

22 اور تُو مینڈھے کی چربی اور موٹی دُم کو اور جِس چربی سے انتڑیاں ڈھکی رہتی ہیں اُس کو اور جِگر پر کی جِھلّی کو اور دونوں گُردوں کواور اُن کے اُوپر کی چربی کو اور دہنی ران کو لینا اِس لِئے کہ یہ تخصِیصی مینڈھا ہے۔

23 اور بے خمِیری روٹی کی ٹوکری میں سے جو خُداوند کے آگے دھری ہو گی روٹی کا ایک گِردہ اور ایک کُلچہ جِس میں تیل مِلا ہُؤا ہو اور ایک چپاتی لینا۔

24 اور اِن سبھوں کو ہارُو ن اور اُس کے بیٹوں کے ہاتھوں پر رکھّ کر اِن کو خُداوند کے رُوبرُو ہِلانا تاکہ یہ ہِلانے کا ہدیہ ہو۔

25 پِھراِن کو اُن کے ہاتھوں سے لے کر قُربان گاہ پر سوختنی قُربانی کے اُوپر جلا دینا تاکہ وہ خُداوند کے آگے راحت انگیز خُوشبُو ہو۔ یہ خُداوند کے لِئے آتشین قُربانی ہے۔

26 اور تُو ہارُو ن کے تخصِیصی مینڈھے کا سِینہ لے کر اُس کو خُداوند کے رُوبرُو ہِلاناتاکہ وہ ہِلانے کا ہدیہ ہو۔یہ تیرا حِصّہ ٹھہرے گا۔

27 اور تُو ہارُو ن اور اُس کے بیٹوں کے تخصِیصی مینڈھے کے ہِلانے کے ہدیہ کے سِینہ کو جو ہِلایا جا چُکا ہے اور اُٹھائے جانے کے ہدیہ کی ران کو جو اُٹھائی جا چُکی ہے لے کر اُن دونوں کو پاک ٹھہرانا۔

28 تاکہ یہ سب بنی اِسرائیل کی طرف سے ہمیشہ کے لِئے ہارُو ن اور اُس کے بیٹوں کا حق ہو کیونکہ یہ اُٹھائے جانے کا ہدیہ ہے ۔ سو یہ بنی اِسرائیل کی طرف سے اُن کی سلامتی کے ذبِیحوں میں سے اُٹھائے جانے کا ہدیہ ہو گا جو اُن کی طرف سے خُداوند کے لِئے اُٹھایا گیا ہے۔

29 اور ہارُو ن کے بعد اُس کے پاک لِباس اُس کی اَولاد کے لِئے ہوں گے تاکہ اُن ہی میں وہ مَسح و مخصُوص کِئے جائیں۔

30 اُس کا جو بیٹا اُس کی جگہ کاہِن ہو وہ جب پاک مقام میں خِدمت کرنے کو خَیمۂِ اِجتماع میں داخِل ہو تو اُن کو سات دِن تک پہنے رہے۔

31 اور تُو تخصِیصی مینڈھے کو لے کر اُس کے گوشت کو کِسی پاک جگہ میں اُبالنا۔

32 اور ہارُون اور اُس کے بیٹے مینڈھے کا گوشت اور ٹوکری کی روٹیاں خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر کھائیں۔

33 اور جِن چِیزوں سے اُن کو مخصُوص اور پاک کرنے کے لِئے کفّارہ دِیا جائے وہ اُن کو بھی کھائیں لیکن اجنبی شخص اُن میں سے کُچھ نہ کھانے پائے کیونکہ یہ چِیزیں پاک ہیں۔

34 اور اگر مخصُوص کرنے کے گوشت یا روٹی میں سے کُچھ صُبح تک بچا رہ جائے تو اُس بچے ہُوئے کو آگ سے جلا دینا ۔ وہ ہرگِز نہ کھایا جائے اِس لِئے کہ وہ پاک ہے۔

35 اور تُو ہارُو ن اور اُس کے بیٹوں کے ساتھ جو کُچھ مَیں نے حُکم دِیا ہے وہ سب عمل میں لانا اور سات دِن تک اُن کی تخصِیص کرتے رہنا۔

36 اور تُو ہر روز خطا کی قُربانی کے بچھڑے کو کفّارہ کے واسطے ذبح کرنا اور تُو قُربان گاہ کو اُس کے کفّارہ دینے کے وقت صاف کرنا اور اُسے مَسح کرنا تاکہ وہ پاک ہو جائے۔

37 تُو سات دِن تک قُربان گاہ کے لِئے کفّارہ دینا اور اُسے پاک کرنا تو قُربان گاہ نہایت پاک ہو جائے گی اور جو کُچھ اُس سے چُھو جائے گا وہ بھی پاک ٹھہرے گا۔

روزانہ نذرانے

38 اور تُو ہر روز سدا ایک ایک برس کے دو دو برّے قُربان گاہ پر چڑھایا کرنا۔

39 ایک برّہ صُبح کو اور دُوسرا بّرہ زوال اور غرُوب کے درمیان چڑھانا۔

40 اور ایک برّہ کے ساتھ ایفہ کے دسویں حِصّہ کے برابر مَیدہ دینا جِس میں ہِین کے چوتھے حِصّہ کی مِقدار میں کُوٹ کر نِکالا ہُؤا تیل مِلا ہُؤا ہو اور ہِین کے چوتھے حِصّہ کی مِقدار میں تپاون کے لِئے مَے بھی دینا۔

41 اور تُو دُوسرے برّہ کو زوال اور غرُوب کے درمیان چڑھانا اور اُس کے ساتھ صُبح کی طرح نذر کی قُربانی اور وَیسا ہی تپاون دینا جِس سے وہ خُداوند کے لِئے راحت انگیز خُوشبُو اور آتشین قُربانی ٹھہرے۔

42 اَیسی ہی سوختنی قُربانی تُمہاری پُشت در پُشت خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر خُداوند کے آگے ہمیشہ ہُؤا کرے ۔ وہاں مَیں تُم سے مِلُوں گا اور تُجھ سے باتیں کرُوں گا۔

43 اور وہیں مَیں بنی اِسرائیل سے مُلاقات کرُوں گا اور وہ مقام میرے جلال سے مُقدّس ہو گا۔

44 اور مَیں خَیمۂِ اِجتماع کو اور قُربان گاہ کو مُقدّس کرُوں گا اور مَیں ہارُو ن اور اُس کے بیٹوں کو مُقدّ س کرُوں گا تاکہ وہ میرے لِئے کاہِن کی خِدمت کو انجام دیں۔

45 اور مَیں بنی اِسرائیل کے درمیان سکُونت کرُوں گا اور اُن کا خُدا ہُوں گا۔

46 تب وہ جان لیں گے کہ مَیں خُداوند اُن کا خُدا ہُوں جو اُن کو مُلکِ مِصر سے اِس لِئے نِکال کر لایا کہ مَیں اُن کے درمیان سکُونت کرُوں ۔ مَیں ہی خُداوند اُن کا خُدا ہُوں۔

خُرُوج 30

بخُور جلانے کی قُربان گاہ

1 اور تُو بخُور جلانے کے لِئے کِیکر کی لکڑی کی ایک قُربان گاہ بنانا۔

2 اُس کی لمبائی ایک ہاتھ اور چَوڑائی ایک ہاتھ ہو ۔ وہ چَوکُھونٹی رہے اور اُس کی اُونچائی دو ہاتھ ہو اور اُس کے سِینگ اُسی ٹُکڑے سے بنائے جائیں۔

3 اور تُو اُس کی اُوپر کی سطح اور چاروں پہلُوؤں کو جو اُس کے گِرداگِرد ہیں اور اُس کے سِینگوں کو خالِص سونے سے منڈھنا اور اُس کے لِئے گِرداگِرد ایک زرِّین تاج بنانا۔

4 اور تُو اُس تاج کے نِیچے اُس کے دونوں پہلُوؤں میں سونے کے دو کڑے اُس کی دونوں طرف بنانا ۔ وہ اُس کے اُٹھانے کی چوبوں کے لِئے خانوں کا کام دیں گے۔

5 اور چوبیں کِیکر کی لکڑی کی بنا کر اُن کو سونے سے منڈھنا۔

6 اور تُو اُس کو اُس پردہ کے آگے رکھنا جو شہادت کے صندُوق کے سامنے ہے ۔ وہ سرپوش کے سامنے رہے جو شہادت کے صندُوق کے اُوپر ہے جہاں مَیں تُجھ سے مِلا کرُوں گا۔

7 اِسی پر ہارُو ن خُوشبُودار بخُور جلایا کرے ۔ ہر صُبح چراغوں کو ٹھیک کرتے وقت بخُور جلائے۔

8 اور زوال غرُوب کے درمیان بھی جب ہارُو ن چراغوں کو رَوشن کرے تب بخُور جلائے ۔ یہ بخُور خُداوند کے حضُور تُمہاری پُشت در پُشت ہمیشہ جلایا جائے۔

9 اور تُم اُس پر اَور طرح کا بخُور نہ جلانا نہ اُس پر سوختنی قُربانی اور نذر کی قُربانی چڑھانا اور کوئی تپاون بھی اُس پر نہ تپانا۔

10 اور ہارُو ن سال میں ایک بار اُس کے سِینگوں پر کفّارہ دے ۔ تُمہاری پُشت در پُشت سال میں ایک بار اِس خطا کی قُربانی کے خُون سے جو کفّارہ کے لِئے ہو اُس کے واسطے کفّارہ دِیا جائے ۔ یہ خُداوند کے لِئے سب سے زِیادہ پاک ہے۔

خُداوند کے مسکن (خَیمۂِ اِجتماع) کے لِئے اصُول

11 اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا۔

12 جب تُو بنی اِسرائیل کا شُمار کرے تو جِتنوں کا شُمار ہُؤا ہو وہ فی مَرد شُمار کے وقت اپنی جان کا فِدیہ خُداوند کے لِئے دیں تاکہ جب تُو اُن کا شُمار کر رہا ہو اُس وقت کوئی وبا اُن میں پَھیلنے نہ پائے۔

13 ہر ایک جو نِکل نِکل کر شُمار کِئے ہُوؤں میں مِلتا جائے وہ مَقدِس کی مِثقال کے حِساب سے نِیم مِثقال دے ۔ مِثقال بِیس جِیرہ کی ہوتی ہے ۔ یہ نِیم مِثقال خُداوند کے لِئے نذر ہے۔

14 جِتنے بِیس برس کے یا اِس سے زِیادہ عُمر کے نِکل نِکل کر شُمار کِئے ہُوؤں میں مِلتے جائیں اُن میں سے ہر ایک خُداوند کی نذر دے۔

15 جب تُمہاری جانوں کے کفّارہ کے لِئے خُداوند کی نذر دی جائے تو دَولت مند نِیم مِثقال سے زِیادہ نہ دے اور نہ غرِیب اُس سے کم دے۔

16 اور تُو بنی اِسرائیل سے کفّارہ کی نقدی لے کر اُسے خَیمۂِ اِجتماع کے کام میں لگانا تاکہ وہ بنی اِسرائیل کی طرف سے تُمہاری جانوں کے کفّارہ کے لِئے خُداوند کے حضُور یادگار ہو۔

پِیتل کا حَوض

17 پِھر خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا۔

18 تُو دھونے کے لِئے پِیتل کا ایک حَوض اور پِیتل ہی کی اُس کی کُرسی بنانا اور اُسے خَیمۂِ اِجتماع اور قُربان گاہ کے بِیچ میں رکھ کر اُس میں پانی بھر دینا۔

19 اور ہارُو ن اور اُس کے بیٹے اپنے ہاتھ پاؤں اُس سے دھویا کریں۔

20 خَیمۂِ اِجتماع میں داخِل ہوتے وقت پانی سے دھو لِیا کریں تاکہ ہلاک نہ ہوں یا جب وہ قُربان گاہ کے نزدِیک خِدمت کے واسطے یعنی خُداوند کے لِئے سوختنی قُربانی چڑھانے کو آئیں۔

21 تو اپنے اپنے ہاتھ پاؤں دھو لیں تاکہ مَر نہ جائیں ۔ یہ اُس کے اور اُس کی اَولاد کے لِئے نسل در نسل دائمی رسم ہو۔

مَسح کرنے کا تیل

22 اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا۔

23 کہ تُو مَقدِس کی مِثقال کے حِساب سے خاص خاص خُوشبُودار مصالِح لینا یعنی اپنے آپ نِکلا ہُؤ ا مُر پانچ سَو مِثقال اور اُس کا آدھا یعنی ڈھائی سَو مِثقال دارچِینی اور خُوشبُودار اگر ڈھائی سَو مِثقال۔

24 اور تج پانچ سَو مِثقال اور زَیتُون کا تیل ایک ہین۔

25 اور تُو اُن سے مَسح کرنے کا پاک تیل بنانا یعنی اُن کو گندھی کی حِکمت کے مُطابِق مِلا کر ایک خُوشبُودار رَوغن تیّار کرنا ۔ یہی مَسح کرنے کا پاک تیل ہو گا۔

26 اِسی سے تُو خَیمۂِ اِجتماع کو اور شہادت کے صندُوق کو۔

27 اور میز کو اُس کے ظرُوف سمیت اور شمعدان کو اُس کے ظرُوف سمیت اور بخُور جلانے کی قُربان گاہ کو۔

28 اور سوختنی قُربانی چڑھانے کے مذبح کو اُس کے سب ظرُوف سمیت اور حَوض کو اور اُس کی کُرسی کو مَسح کرنا۔

29 اور تُو اُن کو مُقدّ س کرنا تاکہ وہ نہایت پاک ہو جائیں ۔ جو کُچھ اُن سے چُھو جائے گا وہ پاک ٹھہرے گا۔

30 اور تُو ہارُو ن اور اُس کے بیٹوں کو مَسح کرنا اور اُن کو مُقدّس کرنا تاکہ وہ میرے لِئے کاہِن کی خِدمت کو انجام دیں۔

31 اور تُو بنی اِسرائیل سے کہہ دینا کہ یہ تیل میرے لِئے تُمہاری پُشت در پُشت مَسح کرنے کا پاک تیل ہو گا۔

32 یہ کِسی آدمی کے جِسم پر نہ ڈالا جائے اور نہ تُم کوئی اَور رَوغن اِس کی ترکیب سے بنانا اِس لِئے کہ یہ مُقدّس ہے اور تُمہارے نزدِیک مُقدّس ٹھہرے۔

33 جو کوئی اِس کی طرح کُچھ بنائے یا اِس میں سے کُچھ کِسی اجنبی پر لگائے وہ اپنی قَوم میں سے کاٹ ڈالا جائے۔

بخُور

34 اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا تُو خُوشبُودار مصالِح مُر اور مصطکی اور لَون اور خُوشبُودار مصالِح کے ساتھ خالِص لُبان وزن میں برابر برابر لینا۔

35 اور نمک مِلا کر اُن سے گندھی کی حِکمت کے مُطابِق خُوشبُودار رَوغن کی طرح صاف اور پاک بخُور بنانا۔

36 اور اِس میں سے کُچھ خُوب بارِیک پِیس کر خَیمۂِ اِجتماع میں شہادت کے صندُوق کے سامنے جہاں میں تُجھ سے مِلا کرُوں گا رکھنا ۔ یہ تُمہارے لِئے نہایت پاک ٹھہرے۔

37 اور جو بخُور تُو بنائے اُس کی ترکِیب کے مُطابِق تُم اپنے لِئے کُچھ نہ بنانا ۔ وہ بخُور تیرے نزدِیک خُداوند کے لِئے پاک ہو۔

38 جو کوئی سُونگھنے کے لِئے بھی اُس کی طرح کُچھ بنائے وہ اپنی قَوم میں سے کاٹ ڈالا جائے۔

خُرُوج 31

مسکن کے لِئے کارِیگر

1 پِھر خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا۔

2 دیکھ میں نے بضلی ایل بِن اُور ی بِن حُور کو یہُودا ہ کے قبیلہ میں سے نام لے کر بُلایا ہے۔

3 اور مَیں نے اُس کو حِکمت اور فہم اور عِلم اور ہر طرح کی صنعت میں رُوحُ اﷲ سے معمُور کِیا ہے۔

4 تاکہ ہُنرمندی کے کاموں کو اِیجاد کرے اور سونے اور چاندی اور پِیتل کی چِیزیں بنائے۔

5 اور پتّھر کو جڑنے کے لِئے کاٹے اور لکڑی کو تراشے جِس سے سب طرح کی کارِیگری کا کام ہو۔

6 اور دیکھ مَیں نے اہلیا ب کو جو اَخیسمک کا بیٹا اور دان کے قبیلہ میں سے ہے اُس کا ساتھی مُقرّ ر کِیا ہے اور مَیں نے سب رَوشن ضمیروں کے دِل میں اَیسی سمجھ رکھّی ہے کہ جِن جِن چِیزوں کا مَیں نے تُجھ کو حُکم دِیا ہے اُن سبھوں کو وہ بنا سکیں۔

7 یعنی خَیمۂِ اِجتماع اور شہادت کا صندُوق اور سرپوش جو اُس کے اُوپر رہے گا اور خَیمہ کا سب سامان۔

8 اور میز اور اُس کے ظرُوف اور خالِص سونے کا شمعدان اور اُس کے سب ظرُوف اور بخُور جلانے کی قُربان گاہ۔

9 اور سوختنی قُربانی کی قُربان گاہ اور اُس کے سب ظرُوف اور حَوض اور اُس کی کُرسی۔

10 اور بیل بُوٹے کڑھے ہُوئے جامے اور ہارُو ن کاہِن کے مُقدّس لِباس اور اُس کے بیٹوں کے لِباس تاکہ کاہِن کی خِدمت کو انجام دیں۔

11 اور مَسح کرنے کا تیل اور مَقدِس کے لِئے خُوشبُودار مصالِح کا بخُور ۔ اِن سبھوں کو وہ جَیسا مَیں نے تُجھے حُکم دِیا ہے وَیسا ہی بنائیں۔

سبت آرام کا دِن

12 اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا۔

13 تُو بنی اِسرائیل سے یہ بھی کہہ دینا کہ تُم میرے سبتوں کو ضرُور ماننا ۔ اِس لِئے کہ یہ میرے اور تُمہارے درمیان تُمہاری پُشت در پُشت ایک نِشان رہے گا تاکہ تُم جانو کہ مَیں خُداوند تُمہارا پاک کرنے والا ہُوں۔

14 پس تُم سبت کو ماننا اِس لِئے کہ وہ تُمہارے لِئے مُقدّس ہے ۔ جو کوئی اُس کی بے حُرمتی کرے وہ ضرُور مار ڈالا جائے ۔ جو اُس میں کُچھ کام کرے وہ اپنی قَوم میں سے کاٹ ڈالا جائے۔

15 چھ دِن کام کاج کِیا جائے لیکن ساتواں دِن آرام کا سبت ہے جو خُداوند کے لِئے مُقدّس ہے ۔ جو کوئی سبت کے دِن کام کرے وہ ضرُور مار ڈالا جائے۔

16 پس بنی اِسرائیل سبت کو مانیں اور پُشت در پُشت اُسے دائمی عہد جان کر اُس کا لِحاظ رکھّیں۔

17 میرے اور بنی اِسرائیل کے درمیان یہ ہمیشہ کے لِئے ایک نِشان رہے گا اِس لِئے کہ چھ دِن میں خُداوند نے آسمان اور زمِین کو پَیدا کِیا اور ساتویں دِن آرام کر کے تازہ دَم ہُؤا۔

18 اور جب خُداوند کوہِ سِینا پر مُوسیٰ سے باتیں کر چُکا تو اُس نے اُسے شہادت کی دو لَوحیں دِیں ۔ وہ لَوحیں پتّھر کی اور خُدا کے ہاتھ کی لِکھی ہُوئی تِھیں۔