خُرُوج 12

فَسح

1 پِھر خُداوند نے مُلکِ مِصر میں مُوسیٰ اور ہارُو ن سے کہا کہ۔

2 یہ مہِینہ تُمہارے لِئے مہِینوں کا شرُوع اور سال کا پہلا مہِینہ ہو۔

3 پس اِسرائیلیوں کی ساری جماعت سے یہ کہہ دو کہ اِسی مہینے کے دسویں دِن ہر شخص اپنے آبائی خاندان کے مُطابِق گھر پِیچھے ایک برّہ لے۔

4 اور اگر کِسی کے گھرانے میں برّہ کو کھانے کے لِئے آدمی کم ہوں تو وہ اور اُس کا ہمسایہ جو اُس کے گھر کے برابر رہتا ہو دونوں مِل کر نفری کے شُمار کے مُوافِق ایک برّہ لے رکھیّں ۔ تُم ہر ایک آدمی کے کھانے کی مِقدار کے مُطابِق برّہ کا حِساب لگانا۔

5 تُمہارا برّہ بے عَیب اور یکسالہ نر ہو اور اَیسا بچّہ یا تو بھیڑوں میں سے چُن کر لینا یا بکریوں میں سے۔

6 اور تُم اُسے اِس مہِینے کی چودھوِیں تک رکھ چھوڑنا اور اِسرائیلیوں کے قبِیلوں کی ساری جماعت شام کو اُسے ذبح کرے۔

7 اور تھوڑا سا خُون لے کر جِن گھروں میں وہ اُسے کھائیں اُن کے دروازوں کے دونوں بازُوؤُں اور اُوپر کی چَوکھٹ پر لگا دیں۔

8 اور وہ اُس کے گوشت کو اُسی رات آگ پر بُھون کر بے خمِیری روٹی اور کڑوے ساگ پات کے ساتھ کھا لیں۔

9 اُسے کچّا یا پانی میں اُبال کر ہرگِز نہ کھانا بلکہ اُس کو سر اور پائے اور اندرُونی اعضا سمیت آگ پر بھُون کر کھانا۔

10 اور اُس میں سے کُچھ بھی صُبح تک باقی نہ چھوڑنا اور اگر کُچھ اُس میں سے صُبح تک باقی رہ جائے تو اُسے آگ میں جلا دینا۔

11 اور تُم اُسے اِس طرح کھانا اپنی کمر باندھے اور اپنی جُوتیاں پاؤں میں پہنے اور اپنی لاٹھی ہاتھ میں لِئے ہُوئے۔ تُم اُسے جلدی جلدی کھانا کیونکہ یہ فَسح خُداوند کی ہے۔

12 اِس لِئے کہ مَیں اُس رات مُلکِ مِصر میں سے ہو کر گُذروں گا اور اِنسان اور حَیوان کے سب پہلَوٹھوں کو جو مُلکِ مِصر میں ہیں مارُوں گا اور مِصر کے سب دیوتاؤں کو بھی سزا دُوں گا ۔ مَیں خُداوند ہُوں۔

13 اور جِن گھروں میں تُم ہو اُن پر وہ خُون تُمہاری طرف سے نِشان ٹھہرے گا اور مَیں اُس خُون کو دیکھ کر تُم کو چھوڑتا جاؤُں گا اور جب مَیں مِصریوں کو مارُوں گا تو وبا تُمہارے پاس پھٹکنے کی بھی نہیں کہ تم کو ہلاک کرے۔

14 اور وہ دِن تُمہارے لِئے ایک یادگار ہو گا اور تُم اُس کو خُداوند کی عِید کا دِن سمجھ کر ماننا ۔ تُم اُسے ہمیشہ کی رسم کر کے اُس دِن کو نسل در نسل عِید کا دِن ماننا۔

بے خمِیری روٹی کی عِید

15 سات دِن تک تُم بے خمِیری روٹی کھانا اور پہلے ہی دِن سے خمِیر اپنے اپنے گھر سے باہر کر دینا ۔ اِس لِئے کہ جو کوئی پہلے دِن سے ساتویں دِن تک خمِیری روٹی کھائے وہ شخص اِسرا ئیل میں سے کاٹ ڈالا جائے گا۔

16 اور پہلے دِن تُمہارا مُقدّس مجمع ہو اور ساتویں دِن بھی مُقدّس مجمع ہو ۔ اُن دونوں دِنوں میں کوئی کام نہ کِیا جائے ۔ سِوا اُس کھانے کے جِسے ہر ایک آدمی کھائے ۔ فقط یہی کِیا جائے۔

17 اور تُم بے خمِیری روٹی کی یہ عِید منانا کیونکہ مَیں اُسی دِن تُمہارے جَتھّوں کو مُلکِ مِصر سے نِکالُوں گا ۔ اِس لِئے تُم اُس دِن کو ہمیشہ کی رسم کر کے نسل در نسل ماننا۔

18 پہلے مہِینے کی چَودھویں تارِیخ کی شام سے اِکیسویں تارِیخ کی شام تک تُم بے خمِیری روٹی کھانا۔

19 سات دِن تک تُمہارے گھروں میں کُچھ بھی خمِیر نہ ہو کیونکہ جو کوئی کِسی خمِیری چِیز کو کھائے وہ خواہ مُسافِرہو خواہ اُس کی پَیدایش اُسی مُلک کی ہو اِسرا ئیل کی جماعت سے کاٹ ڈالا جائے گا۔

20 تُم کوئی خمِیری چِیز نہ کھانا بلکہ اپنی سب بستیوں میں بے خمِیری روٹی کھانا۔

پہلی فَسح

21 تب مُوسیٰ نے اِسرا ئیل کے سب بزُرگوں کو بُلوا کر اُن کو کہا کہ اپنے اپنے خاندان کے مُطابِق ایک ایک برّہ نِکال رکھّو اور یہ فَسح کا برّہ ذبح کرنا۔

22 اور تُم زُوفے کا ایک گُچھّا لے کر اُس خُون میں جو باسن میں ہو گا ڈبونا اور اُسی باسن کے خُون میں سے کُچھ اُوپر کی چَوکھٹ اور دروازہ کے دونوں بازُوؤں پر لگا دینا اور تُم میں سے کوئی صُبح تک اپنے گھر کے دروازہ سے باہر نہ جائے۔

23 کیونکہ خُداوند مِصریوں کو مارتا ہُؤا گُذرے گا اور جب خُداوند اُوپر کی چَوکھٹ اور دروازہ کے دونوں بازُوؤں پر خُون دیکھے گا تو وہ اُس دروازہ کو چھوڑ جائے گا اور ہلاک کرنے والے کو تُم کو مارنے کے لِئے گھر کے اندر آنے نہ دے گا۔

24 اور تُم اِس بات کو اپنے اور اپنی اَولاد کے لِئے ہمیشہ کی رسم کر کے ماننا۔

25 اور جب تُم اُس مُلک میں جو خُداوند تُم کو اپنے وعدہ کے مُوافِق دے گا داخِل ہو جاؤ تو اِس عِبادت کو برابر جاری رکھنا۔

26 اور جب تُمہاری اَولاد تُم سے پُوچھے کہ اِس عِبادت سے تُمہارا مقصد کیا ہے؟۔

27 تو تُم یہ کہنا کہ یہ خُداوند کی فَسح کی قُربانی ہے جو مِصر میں مِصریوں کو مارتے وقت بنی اِسرائیل کے گھروں کو چھوڑ گیا اور یُوں ہمارے گھروں کو بچا لِیا ۔

تب لوگوں نے سر جُھکا کر سِجدہ کِیا۔

28 اور بنی اِسرائیل نے جا کر جَیسا خُداوند نے مُوسیٰ اور ہارُو ن کو فرمایا تھا ویسا ہی کِیا۔

پہلَوٹھوں کی مَوت

29 اور آدھی رات کو خُداوند نے مُلکِ مِصر کے سب پہلَوٹھوں کو فِرعو ن جو اپنے تخت پر بَیٹھا تھا اُس کے پہلَوٹھے سے لے کر وہ قَیدی جو قَیدخانہ میں تھا اُس کے پہلَوٹھے تک بلکہ چَوپایوں کے پہلَوٹھوں کو بھی ہلاک کر دِیا۔

30 اور فِرعو ن اور اُس کے سب نوکر اور سب مِصری رات ہی کو اُٹھ بَیٹھے اور مِصر میں بڑا کُہرام مچا کیونکہ ایک بھی اَیسا گھر نہ تھا جِس میں کوئی نہ مَرا ہو۔

31 تب اُس نے رات ہی رات میں مُوسیٰ اور ہارُو ن کو بُلوا کر کہا کہ تُم بنی اِسرائیل کو لے کر میری قَوم کے لوگوں میں سے نِکل جاؤ اور جَیسا کہتے ہو جا کر خُداوند کی عِبادت کرو۔

32 اور اپنے کہنے کے مُطابِق اپنی بھیڑ بکرِیاں اور گائے بَیل بھی لیتے جاؤ اور میرے لِئے بھی دُعا کرنا۔

33 اور مِصری اُن لوگوں سے بجِد ہونے لگے تاکہ اُن کو مُلکِ مِصر سے جلد باہر چلتا کریں کیونکہ وہ سمُجھے کہ ہم سب مَر جائیں گے۔

34 سو اِن لوگوں نے اپنے گُندھے گُندھائے آٹے کو بغَیر خمِیر دئِے لگنوں سمیت کپڑوں میں باندھ کر اپنے کندھوں پر دھر لِیا۔

35 اور بنی اِسرائیل نے مُوسیٰ کے کہنے کے مُوافِق یہ بھی کِیا کہ مِصریوں سے سونے چاندی کے زیور اور کپڑے مانگ لِئے۔

36 اور خُداوند نے اُن لوگوں کو مِصریوں کی نِگاہ میں اَیسی عِزّت بخشی کہ جو کُچھ اُنہوں نے مانگا اُنہوں نے دے دِیا سو اُنہوں نے مِصریوں کو لُوٹ لیا۔

اِسرائیلی مِصر سے نِکلتے ہیں

37 اور بنی اِسرائیل نے رعمسیس سے سکّات تک پَیدل سفر کِیا اور بال بچّوں کو چھوڑ کر وہ کوئی چھ لاکھ مَرد تھے۔

38 اور اُن کے ساتھ ایک مِلی جُلی گروہ بھی گئی اور بھیڑ بکریاں اور گائے بَیل اور بُہت چَوپائے اُن کے ساتھ تھے۔

39 اور اُنہوں نے اُس گُندھے ہُوئے آٹے کی جِسے وہ مِصر سے لائے تھے بے خمِیری روٹیاں پکائِیں کیونکہ وہ اُس میں خمِیر دینے نہ پائے تھے اِس لِئے کہ وہ مِصر سے اَیسے جبراً نِکال دِئے گئے کہ وہاں ٹھہر نہ سکے اور نہ کُچھ کھانا اپنے لِئے تیّار کرنے پائے۔

40 اور بنی اِسرائیل کو مِصر میں بُود و باش کرتے ہُوئے چار سَو تیس برس ہُوئے تھے۔

41 اور اُن چار سَو تیس برسوں کے گُذر جانے پر ٹِھیک اُسی روز خُداوند کا سارا لشکر مُلکِ مِصر سے نِکل گیا۔

42 یہ وہ رات ہے جِسے خُداوند کی خاطِر ماننا بُہت مُناسِب ہے کیونکہ اِس میں وہ اُن کو مُلکِ مِصر سے نِکال لایا ۔ خُداوند کی یہ وُہی رات ہے جِسے لازِم ہے کہ سب بنی اِسرائیل نسل در نسل خُوب مانیں۔

فَسح کے لِئے ضوابِط

43 پِھر خُداوند نے مُوسیٰ اور ہارُو ن سے کہا کہ فَسح کی رسم یہ ہے کہ کوئی بیگانہ اُسے کھانے نہ پائے۔

44 لیکن اگر کوئی شخص کِسی کا زر خرِید غُلام ہو اور تُو نے اُس کا خَتنہ کر دِیا ہو تو وہ اُسے کھائے۔

45 پر اجنبی اور مزدُور اُسے کھانے نہ پائے۔

46 اور اُسے ایک ہی گھر میں کھائیں یعنی اُس کا ذرا بھی گوشت تُو گھر سے باہر نہ لے جانا اور نہ تُم اُس کی کوئی ہڈّی توڑنا۔

47 اِسرا ئیل کی ساری جماعت اِس پر عمل کرے۔

48 اور اگر کوئی اجنبی تیرے ساتھ مُقیم ہو اور خُداوند کی فَسح کو منانا چاہتا ہو تو اُس کے ہاں کے سب مَرد اپنا خَتنہ کرائیں ۔ تب وہ پاس آ کر فَسح کرے ۔ یُوں وہ اَیسا سمجھا جائے گا گویا اُسی مُلک کی اُس کی پَیدایش ہے پر کوئی نامختُون آدمی اُسے کھانے نہ پائے۔

49 وطنی اور اُس اجنبی کے لِئے جو تُمہارے بیچ مُقیم ہو ایک ہی شرِیعت ہو گی۔

50 پس سب بنی اِسرائیل نے جَیسا خُداوند نے مُوسیٰ اور ہارُو ن کو فرمایا ویسا ہی کِیا۔

51 اور ٹھیک اُسی روز خُداوند بنی اِسرائیل کے سب جَتھّوں کو مُلکِ مِصر سے نِکال لے گیا۔

خُرُوج 13

اِسرائیلی پہلَوٹھوں کی مخصُوصیّت

1 اور خُداوند نے مو سیٰ کو فرمایا کہ۔

2 سب پہلَوٹھوں کو یعنی جو بنی اِسرائیل میں خواہ اِنسان ہو خواہ حَیوان پہلَوٹھی کے بچّے ہوں اُن کو میرے لِئے مُقدّس ٹھہرا کیونکہ وہ میرے ہیں۔

بے خمِیری روٹی کی عِید

3 اور مُو سیٰ نے لوگوں سے کہا کہ تُم اِس دِن کو یاد رکھنا جِس میں تُم مِصر سے جو غُلامی کا گھر ہے نِکلے کیونکہ خُداوند اپنے زورِ بازُو سے تُم کو وہاں سے نِکال لایا ۔ اِس میں خمِیری روٹی کھائی نہ جائے۔

4 تُم ابیب کے مہِینے میں آج کے دِن نِکلے ہو۔

5 سو جب خُداوند تُجھ کو کنعانیوں اور حِتیّوں اور امورِیوں اور حویوں اور یبوسیوں کے مُلک میں پُہنچا دے جِسے تُجھ کو دینے کی قَسم اُس نے تیرے باپ دادا سے کھائی تھی اور جِس میں دُودھ اور شہد بہتا ہے تو تُو اِسی مہِینے میں یہ عِبادت کِیا کرنا۔

6 سات دِن تک تو تُو بے خمِیری روٹی کھانا اور ساتویں دِن خُداوند کی عِید منانا۔

7 بے خمِیری روٹی ساتوں دِن کھائی جائے اور خمِیری روٹی تیرے پاس دِکھائی بھی نہ دے اور نہ تیرے مُلک کی حُدُود میں کہِیں کُچھ خمِیر نظر آئے۔

8 اور تُو اُس روز اپنے بیٹے کو یہ بتانا کہ اِس دِن کو مَیں اُس کام کے سبب سے مانتا ہُوں جو خُداوند نے میرے لِئے اُس وقت کِیا جب مَیں مُلکِ مِصر سے نِکلا۔

9 اور یِہی تیرے پاس گویا تیرے ہاتھ میں ایک نِشان اور تیری دونوں آنکھوں کے سامنے ایک یادگار ٹھہرے تاکہ خُداوند کی شرِیعت تیری زُبان پر ہو کیونکہ خُداوند نے تُجھ کو اپنے زورِ بازُو سے مُلکِ مِصر سے نِکالا۔

10 پس تُو اِس رسم کو اِسی وقتِ مُعیّن میں سال بسال مانا کرنا۔

پہلَوٹھے خُدا کے ہیں

11 اور جب خُداوند اُس قَسم کے مُطابِق جو اُس نے تُجھ سے اور تیرے باپ دادا سے کھائی تُجھ کو کنعانیوں کے مُلک میں پُہنچا کر وہ مُلک تُجھ کو دے دے۔

12 تو تُو پہلَوٹھی کے بچّوں کو اور جانوروں کے پہلَوٹھوں کو خُداوند کے لِئے الگ کر دینا ۔ سب نر بچّے خُداوند کے ہوں گے۔

13 اور گدھے کے پہلے بچّے کے فِدیہ میں برّہ دینا اور اگر تُو اُس کا فِدیہ نہ دے تو اُس کی گردن توڑ ڈالنا اور تیرے بیٹوں میں جِتنے پہلَوٹھے ہوں اُن سب کا فِدیہ تُجھ کو دینا ہو گا۔

14 اور جب آیندہ زمانہ میں تیرا بیٹا تُجھ سے سوال کرے کہ یہ کیا ہے؟ تو تُو اُسے یہ جواب دینا کہ خُداوند ہم کو مِصر سے جو غُلامی کا گھر ہے بزورِ بازُو نِکال لایا۔

15 اور جب فِر عون نے ہم کو جانے دینا نہ چاہا تو خُداوند نے مُلکِ مِصر میں اِنسان اور حَیوان دونوں کے پہلَوٹھے مار دِئے اِس لِئے میں جانوروں کے سب نر بچّوں کو جو اپنی اپنی ماں کے رَحِم کو کھولتے ہیں خُداوند کے آگے قُربانی کرتا ہُوں لیکن اپنے بیٹوں کے سب پہلَوٹھوں کا فِدیہ دیتا ہُوں۔

16 اور یہ تیرے ہاتھ پر ایک نِشان اور تیری پیشانی پر ٹیکوں کی مانِند ہوں کیونکہ خُداوند اپنے زورِ بازُو سے ہم کو مِصر سے نِکال لایا۔

بادل کا سُتُون اور آگ کا سُتُون

17 اور جب فِرعو ن نے اُن لوگوں کو جانے کی اِجازت دے دی تو خُدا اِن کو فلستِیوں کے مُلک کے راستہ سے نہیں لے گیا اگرچہ اُدھر سے نزدِیک پڑتا کیونکہ خُدا نے کہا اَیسا نہ ہو کہ یہ لوگ لڑائی بھڑائی دیکھ کر پچھتانے لگیں اور مِصر کو لَوٹ جائیں۔

18 بلکہ خُدا اِن کو چکّر کھِلا کر بحرِ قُلز م کے بیابان کے راستہ سے لے گیا اور بنی اِسرائیل مُلکِ مِصر سے مُسلّح نِکلے تھے۔

19 اور مُو سیٰ یُوسف کی ہڈِّیوں کو ساتھ لیتا گیا کیونکہ اُس نے بنی اِسرائیل سے یہ کہہ کر کہ خُدا ضرُور تُمہاری خبر لے گا اِس بات کی سخت قَسم لے لی تھی کہ تُم یہاں سے میری ہڈِّیاں اپنے ساتھ لیتے جانا۔

20 اور اُنہوں نے سکّات سے کُوچ کر کے بیابان کے کنارے ایتا م میں ڈیرا کِیا۔

21 اور خُداوند اُن کو دِن کو راستہ دِکھانے کے لِئے بادل کے سُتُون میں اور رات کو روشنی دینے کے لِئے آگ کے سُتُون میں ہو کر اُن کے آگے آگے چلا کرتا تھا تاکہ وہ دِن اور رات دونوں میں چل سکیں۔

22 وہ بادل کا سُتُون دِن کو اور آگ کا سُتُون رات کو اُن لوگوں کے آگے سے ہٹتا نہ تھا۔

خُرُوج 14

بحرِ قُلزم کے پار جانا

1 اور خُداوند نے مُو سیٰ سے فرمایا کہ۔

2 بنی اِسرائیل کو حُکم دے کہ وہ لَوٹ کر مجدا ل اور سمُندر کے بِیچ فی ہخِیرو ت کے مُقابِل بعل صفون کے آگے ڈیرے لگائیں ۔ اُسی کے آگے سمُندر کے کنارے کنارے ڈیرے لگانا۔

3 فِرعو ن بنی اِسرائیل کے حق میں کہے گا کہ وہ زمِین کی اُلجھنوں میں آکر بیابان میں گِھر گئے ہیں۔

4 اور مَیں فِرعو ن کے دِل کو سخت کرُوں گا اور وہ اُن کا پِیچھا کرے گا اور مَیں فِرعو ن اور اُس کے سارے لشکر پر مُمتاز ہُوں گا اور مِصری جان لیں گے کہ خُداوند مَیں ہُوں اور اُنہوں نے اَیسا ہی کِیا۔

5 جب مِصر کے بادشاہ کو خبر مِلی کہ وہ لوگ چل دِئے تو فِرعو ن اور اُس کے خادِموں کا دِل اُن لوگوں کی طرف سے پِھر گیا اور وہ کہنے لگے کہ ہم نے یہ کیا کِیا کہ اِسرائیلیوں کو اپنی خِدمت سے چُھٹّی دے کر اُن کو جانے دِیا۔

6 تب اُس نے اپنا رتھ تیّار کروایا اور اپنی قَوم کے لوگوں کو ساتھ لِیا۔

7 اور اُس نے چھ سو چُنے ہُوئے رتھ بلکہ مِصر کے سب رتھ لِئے اور اُن سبھوں میں سرداروں کو بِٹھایا۔

8 اور خُداوند نے مِصر کے بادشاہ فِرعو ن کے دِل کوسخت کر دِیا اور اُس نے بنی اِسرائیل کا پِیچھا کِیا کیونکہ بنی اِسرائیل بڑے فخر سے نِکلے تھے۔

9 اور مِصری فوج نے فِرعو ن کے سب گھوڑوں اور رتھوں اور سواروں سمیت اُن کا پِیچھا کِیا اور اُن کو جب وہ سمُندر کے کِنارے فی ہخِیرو ت کے پاس بعل صفون کے سامنے ڈیرا لگا رہے تھے جا لِیا۔

10 اور جب فِر عون نزدِیک آگیا تب بنی اِسرائیل نے آنکھ اُٹھا کر دیکھا کہ مِصری اُن کا پِیچھا کِئے چلے آتے ہیں اور وہ نہایت خَوف زدہ ہو گئے ۔ تب بنی اِسرائیل نے خُداوند سے فریاد کی۔

11 اور مُوسیٰ سے کہنے لگے کیا مِصر میں قبریں نہ تِھیں جو تُو ہم کو وہاں سے مَرنے کے لِئے بیابان میں لے آیا ہے؟ تُو نے ہم سے یہ کیا کِیا کہ ہم کو مِصر سے نِکال لایا؟۔

12 کیا ہم تُجھ سے مِصر میں یہ بات نہ کہتے تھے کہ ہم کو رہنے دے کہ ہم مِصریوں کی خِدمت کریں؟ کیونکہ ہمارے لِئے مِصریوں کی خِدمت کرنا بیابان میں مَرنے سے بہتر ہوتا۔

13 تب مُوسیٰ نے لوگوں سے کہا ڈرو مت ۔ چُپ چاپ کھڑے ہو کر خُداوند کی نجات کے کام کو دیکھو جو وہ آج تُمہارے لِئے کرے گا کیونکہ جِن مِصریوں کو تُم آج دیکھتے ہو اُن کو پِھر کبھی ابد تک نہ دیکھو گے۔

14 خُداوند تُمہاری طرف سے جنگ کرے گا اور تُم خاموش رہو گے۔

15 اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ تُو کیوں مُجھ سے فریاد کر رہا ہے؟ بنی اِسرائیل سے کہہ کہ وہ آگے بڑھیں۔

16 اور تُو اپنی لاٹھی اُٹھا کر اپنا ہاتھ سمُندر کے اُوپر بڑھا اور اُسے دو حِصّے کر اور بنی اِسرائیل سمُندر کے بِیچ میں سے خُشک زمِین پر چل کر نِکل جائیں گے۔

17 اور دیکھ مَیں مِصریوں کے دِل سخت کر دُوں گا اور وہ اُن کا پِیچھا کریں گے اور مَیں فِرعو ن اور اُس کی سِپاہ اور اُس کے رتھوں اور سواروں پر مُمتاز ہُوں گا۔

18 اور جب مَیں فِرعو ن اور اُس کے رتھوں اور سواروں پر مُمتاز ہو جاؤُں گا تو مِصری جان لیں گے کہ مَیں ہی خُداوند ہُوں۔

19 اور خُدا کا فرِشتہ جو اِسرائیلی لشکر کے آگے آگے چلا کرتا تھا جا کر اُن کے پِیچھے ہو گیا اور بادل کاوہ سُتُون اُن کے سامنے سے ہٹ کر اُن کے پِیچھے جا ٹھہرا۔

20 یُوں وہ مِصریوں کے لشکر اور اِسرائیلی لشکر کے بِیچ میں ہو گیا ۔ سو وہاں بادل بھی تھا اور اندھیرا بھی تَو بھی رات کو اُس سے رَوشنی رہی ۔ پس وہ رات بھر ایک دُوسرے کے پاس نہیں آئے۔

21 پِھر مُوسیٰ نے اپنا ہاتھ سمُندر کے اُوپر بڑھایا اور خُداوند نے رات بھر تُند پُوربی آندھی چلا کر اور سمُندر کو پِیچھے ہٹا کر اُسے خُشک زمِین بنا دِیا اور پانی دو حِصّے ہو گیا۔

22 اور بنی اِسرائیل سمُندر کے بِیچ میں سے خُشک زمِین پر چل کر نِکل گئے اور اُن کے دہنے اور بائیں ہاتھ پانی دِیوار کی طرح تھا۔

23 اور مِصریوں نے تعاقُب کِیا اور فِرعو ن کے سب گھوڑے اور رتھ اور سوار اُن کے پِیچھے پِیچھے سمُندر کے بِیچ میں چلے گئے۔

24 اور رات کے پِچھلے پہر خُداوند نے آگ اور بادل کے سُتُون میں سے مِصریوں کے لشکر پر نظر کی اور اُن کے لشکر کو گھبرا دِیا۔

25 اور اُس نے اُن کے رتھوں کے پہیّوں کو نِکال ڈالا ۔ سو اُن کا چلانا مُشکل ہو گیا ۔ تب مِصری کہنے لگے آؤ ہم اِسرائیلیوں کے سامنے سے بھاگیں کیونکہ خُداوند اُن کی طرف سے مِصریوں کے ساتھ جنگ کرتا ہے۔

26 اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ اپنا ہاتھ سمُندر کے اُوپر بڑھا تاکہ پانی مِصریوں اور اُن کے رتھوں اور سواروں پر پِھر بہنے لگے۔

27 اور مُوسیٰ نے اپنا ہاتھ سمُندر کے اُوپر بڑھایا اور صُبح ہوتے ہوتے سمُندر پِھر اپنی اصلی قُوّت پر آگیا اور مِصری اُلٹے بھاگنے لگے اور خُداوند نے سمُندر کے بِیچ ہی میں مِصریوں کو تہ و بالا کر دِیا۔

28 اور پانی پلٹ کر آیا اور اُس نے رتھوں اور سواروں اور فِرعو ن کے سارے لشکر کو جو اِسرائیلیوں کا پِیچھا کرتا ہُؤا سمُندر میں گیا تھا غرق کر دِیا اور ایک بھی اُن میں سے باقی نہ چُھوٹا۔

29 پر بنی اِسرائیل سمُندر کے بِیچ میں سے خُشک زمِین پر چل کر نِکل گئے اور پانی اُن کے دہنے اور بائیں ہاتھ دِیوار کی طرح رہا۔

30 سو خُداوند نے اُس دِن اِسرائیلیوں کو مِصریوں کے ہاتھ سے اِس طرح بچایا اور اِسرائیلیوں نے مِصریوں کو سمُندر کے کِنارے مَرے ہُوئے پڑے دیکھا۔

31 اور اِسرائیلِیوں نے وہ بڑی قُدرت جو خُداوند نے مِصریوں پر ظاہِر کی دیکھی اور وہ لوگ خُداوند سے ڈرے اور خُداوند پر اور اُس کے بندہ مُوسیٰ پر اِیمان لائے۔

خُرُوج 15

مُوسیٰ کا گِیت

1 تب مُوسیٰ اور بنی اِسرائیل نے خُداوند کے لِئے یہ گِیت گایا اور یُوں کہنے لگے :-

مَیں خُداوند کی ثنا گاؤُں گاکیونکہ وہ جلال کے ساتھ فتح

مند ہُؤا ۔

اُس نے گھوڑے کو سوار سمیت سمُندر میں ڈال دِیا

2 خُداوند میرا زور اور راگ ہے ۔

وُہی میری نجات بھی ٹھہرا ۔

وہ میرا خُدا ہے ۔ مَیں اُس کی بڑائی کرُوں گا

وہ میرے باپ کا خُدا ہے مَیں اُس کی بزُرگی

کرُوں گا ۔

3 خُداوند صاحبِ جنگ ہے ۔

یہووا ہ اُس کا نام ہے

4 فِرعو ن کے رتھوں اور لشکر کو اُس نے سمُندر میں

ڈال دِیااور اُس کے چِیدہ سردار بحرِ قُلز م میں

غرق ہُوئے ۔

5 گہرے پانی نے اُن کو چُھپا لِیا ۔

وہ پتّھر کی مانِند تہ میں چلے گئے۔

6 اَے خُداوند! تیرا دہنا ہاتھ قُدرت کے سبب سے

جلالی ہے۔اَے خُداوند! تیرا دہنا ہاتھ

دُشمن کو چِکنا چُور کر دیتا ہے ۔

7 تُو اپنی عظمت کے زور سے اپنے مُخالِفوں کو تہ و بالا

کرتا ہے ۔

تُو اپنا قہر بھیجتا ہے اور وہ اُن کو کُھونٹی کی مانِند بھسم کر

ڈالتا ہے ۔

8 تیرے نتھنوں کے دَم سے پانی کا ڈھیر لگ گیا

سَیلاب تُودے کی طرح سیدھے کھڑے ہوگئے اور

گہرا پانی سمُندر کے بِیچ میں جم گیا۔

9 دُشمن نے تویہ کہا تھا مَیں پِیچھا کرُوں گا۔ مَیں جا

پکڑُوں گا مَیں لُوٹ کا مال تقسِیم کرُوں گا ۔

اُن کی تباہی سے میرا کلیجہ ٹھنڈا ہو گا۔

مَیں اپنی تلوار کھِینچ کر اپنے ہی ہاتھ سے اُن کو ہلاک

کرُوں گا ۔

10 تُو نے اپنی آندھی کی پُھونک ماری تو سمُندر نے

اُن کو چُھپا لِیا ۔

وہ زور کے پانی میں سیسے کی طرح ڈُوب گئے ۔

11 معبُودوں میں اَے خُداوند ۔ تیری مانِند کَون ہے؟

کَون ہے جو تیری مانِند اپنے تقدُّس کے باعِث جلالی

اور اپنی مدح کے سبب سے رُعب والا اور صاحبِ

کرامات ہے؟

12 تُو نے اپنا دہنا ہاتھ بڑھایا

تو زمِین اُن کو نِگل گئی۔

13 اپنی رحمت سے تُو نے اُن لوگوں کی جِن کو تُو نے

خلاصی بخشی راہنمائی کی ۔

اور اپنے زور سے تُو اُن کو اپنے مُقدّس مکان کو لے چلا

ہے۔

14 قَومیں سُن کر تھرّا گئی ہیں

اور فلِستین کے باشِندوں کی جان پر آ بنی ہے ۔

15 ادُو م کے رئِیس حَیران ہیں ۔

موآ ب کے پہلوانوں کو کپکپی لگ گئی ہے ۔

کنعا ن کے سب باشندوں کے دِل پِگھلے جاتے ہیں ۔

16 خَوف و ہراس اُن پر طاری ہے ۔

تیرے بازُو کی عظمت کے سبب سے وہ پتّھر کی طرح

بے حِس و حرکت ہیں

جب تک اَے خُداوند تیرے لوگ نِکل نہ جائیں ۔

جب تک تیرے لوگ جِن کو تُو نے خرِیدا ہے پار نہ ہو

جائیں ۔

17 تُو اُن کو وہاں لے جا کر اپنی مِیراث کے پہاڑ پر

درخت کی طرح لگائے گا ۔

تُو اُن کو اُسی جگہ لے جائے گا جِسے تُو نے اپنی سکُونت

کے لِئے بنایا ہے۔

اَے خُداوند! وہ تیری جایِ مُقدّس ہے جِسے تیرے

ہاتھوں نے قائِم کِیا ہے۔

18 خُداوند ابدُالآباد سلطنت کرے گا۔

مریم کا گِیت

19 اِس گِیت کا سبب یہ تھا کہ فِرعو ن کے سوار گھوڑوں اور رتھوں سمیت سمُندر میں گئے اور خُداوند سمُندر کے پانی کو اُن پر لَوٹا لایا ۔ لیکن بنی اِسرائیل سمُندر کے بِیچ میں سے خُشک زمِین پر چل کر نِکل گئے۔

20 تب ہارُو ن کی بہن مریم نبیّہ نے دف ہاتھ میں لِیا اور سب عَورتیں دف لِئے ناچتی ہُوئی اُس کے پِیچھے چلِیں۔

21 اور مریم اُن کے گانے کے جواب میں یہ گاتی تھی :-

خُداوند کی حمد و ثناگاؤکیونکہ وہ جلال کے ساتھ فتح مند

ہُؤا ہے ۔

اُس نے گھوڑے کو اُس کے سوار سمیت سمُندر میں

ڈال دِیا ہے ۔

کڑوا پانی

22 پِھر مُوسیٰ بنی اِسرائیل کو بحرِ قُلز م سے آگے لے گیا اور وہ شور کے بیابان میں آئے اور بیابان میں چلتے ہُوئے تِین دِن تک اُن کو کوئی پانی کا چشمہ نہ مِلا۔

23 اور جب وہ مار ہ میں آئے تو مارہ کا پانی پی نہ سکے کیونکہ وہ کڑوا تھا ۔ اِسی لِئے اُس جگہ کا نام مار ہ پڑ گیا۔

24 تب وہ لوگ مُوسیٰ پر بُڑبُڑا کر کہنے لگے کہ ہم کیا پِئیں؟۔

25 اُس نے خُداوند سے فریاد کی ۔ خُداوند نے اُسے ایک پیڑ دِکھایا جِسے جب اُس نے پانی میں ڈالا تو پانی مِیٹھا ہو گیا ۔

وہیں خُداوند نے اُن کے لِئے ایک آئِین اور شرِیعت بنائی اور وہیں یہ کہہ کر اُن کی آزمایش کی۔

26 کہ اگر تُو دِل لگا کر خُداوند اپنے خُدا کی بات سُنے اور وہی کام کرے جو اُس کی نظر میں بھلا ہے اور اُس کے حُکموں کو مانے اور اُس کے آئِین پر عمل کرے تو مَیں اُن بیمارِیوں میں سے جو مَیں نے مِصریوں پر بھیجیں تُجھ پر کوئی نہ بھیجُوں گا کیونکہ مَیں خُداوند تیرا شافی ہُوں۔

27 پِھر وہ ایلیم میں آئے جہاں پانی کے بارہ چشمے اور کھجُور کے ستّر درخت تھے اور وہیں پانی کے قرِیب اُنہوں نے اپنے ڈیرے لگائے۔

خُرُوج 16

مَنّ اور بٹیریں

1 پِھر وہ ایلیم سے روانہ ہُوئے اور بنی اِسرائیل کی ساری جماعت مُلکِ مِصر سے نِکلنے کے بعد دُوسرے مہینے کی پندرھویں تارِیخ کوسیِن کے بیابان میں جو ایلیم اور سِینا کے درمیان ہے پُہنچی۔

2 اور اُس بیابان میں بنی اِسرائیل کی ساری جماعت مُوسیٰ اور ہارُو ن پر بُڑبُڑانے لگی۔

3 اور بنی اِسرائیل کہنے لگے کاش کہ ہم خُداوند کے ہاتھ سے مُلکِ مِصر میں جب ہی مار دِئے جاتے جب ہم گوشت کی ہانڈیوں کے پاس بَیٹھ کر دِل بھر کر روٹی کھاتے تھے کیونکہ تُم تو ہم کو اِس بیابان میں اِسی لِئے لے آئے ہو کہ سارے مجمع کو بُھوکا مارو۔

4 تب خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا مَیں آسمان سے تُم لوگوں کے لِئے روٹیاں برساؤُں گا ۔ سو یہ لوگ نِکل نِکل کر فقط ایک ایک دِن کا حِصّہ ہر روز بٹور لِیا کریں کہ اِس سے مَیں اِن کی آزمایش کرُوں گا کہ وہ میری شرِیعت پر چلیں گے یا نہیں۔

5 اور چھٹے دِن اَیسا ہو گا کہ جِتنا وہ لا کر پکائیں گے وہ اُس سے جِتنا روز جمع کرتے ہیں دُونا ہو گا۔

6 تب مُوسیٰ اور ہارُو ن نے سب بنی اِسرائیل سے کہا کہ شام کو تُم جان لو گے کہ جو تُم کو مُلکِ مِصر سے نِکال کر لایا ہے وہ خُداوند ہے۔

7 اور صُبح کو تُم خُداوند کا جلال دیکھو گے کیونکہ تُم جو خُداوند پر بُڑبُڑانے لگتے ہو اُسے وہ سُنتا ہے اور ہم کَون ہیں جو تُم ہم پر بُڑبُڑاتے ہو؟۔

8 اور مُوسیٰ نے یہ بھی کہا کہ شام کو خُداوند تم کو کھانے کو گوشت اور صُبح کوروٹی پیٹ بھر کے دے گا کیونکہ تُم جو خُداوند پر بُڑبُڑاتے ہو اُسے وہ سُنتا ہے اور ہماری کیا حقیِقت ہے ؟ تُمہارا بُڑبُڑانا ہم پر نہیں بلکہ خُداوند پر ہے۔

9 پِھر مُوسیٰ نے ہارُو ن سے کہا کہ بنی اِسرائیل کی ساری جماعت سے کہہ کہ تُم خُداوند کے نزدِیک آؤ کیونکہ اُس نے تُمہارا بُڑبُڑانا سُن لِیا ہے۔

10 اور جب ہارُو ن بنی اِسرائیل کی جماعت سے یہ باتیں کہہ رہا تھا تو اُنہوں نے بیابان کی طرف نظر کی اور اُن کو خُداوند کا جلال بادل میں دِکھائی دِیا۔

11 اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا۔

12 مَیں نے بنی اِسرائیل کا بُڑبُڑانا سُن لِیا ہے ۔ سو تُو اُن سے کہہ دے کہ شام کو تُم گوشت کھاؤ گے اور صُبح کو تُم روٹی سے سیر ہو گے اور تُم جان لو گے کہ مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں۔

13 اور یُوں ہُؤا کہ شام کو اِتنی بٹیریں آئیں کہ اُن کی خَیمہ گاہ کو ڈھانک لِیا اور صُبح کو خَیمہ گاہ کے آس پاس اَوس پڑی ہُوئی تھی۔

14 اور جب وہ اَوس جو پڑی تھی سُوکھ گئی تو کیا دیکھتے ہیں کہ بیابان میں ایک چھوٹی چھوٹی گول گول چِیز اَیسی چھوٹی جَیسے پالے کے دانے ہوتے ہیں زمِین پر پڑی ہے۔

15 بنی اِسرائیل اُسے دیکھ کر آپس میں کہنے لگے مَنّ؟ کیونکہ وہ نہیں جانتے تھے کہ وہ کیا ہے ۔

تب مُوسیٰ نے اُن سے کہا یہ وہی روٹی ہے جو خُداوند نے کھانے کو تُم کو دی ہے۔

16 سو خُداوند کا حُکم یہ ہے کہ تُم اُسے اپنے اپنے کھانے کی مِقدار کے مُوافِق یعنی اپنے اپنے آدمیوں کے شُمار کے مُطابِق فی کس ایک اومر جمع کرنا اور ہر شخص اُتنے ہی آدمیوں کے لِئے جمع کرے جِتنے اُس کے ڈیرے میں ہوں۔

17 چُنانچہ بنی اِسرائیل نے اَیسا ہی کِیا اور کِسی نے زِیادہ اور کِسی نے کم جمع کِیا۔

18 اور جب اُنہوں نے اُسے اومر سے ناپا تو جِس نے زِیادہ جمع کِیا تھا کُچھ زِیادہ نہ پایا اور اُس کا جِس نے کم جمع کِیا تھا کم نہ ہُؤا ۔ اُن میں سے ہر ایک نے اپنے کھانے کی مِقدار کے مُطابِق جمع کِیا تھا۔

19 اور مُوسیٰ نے اُن سے کہہ دِیا تھا کہ کوئی اُس میں سے کُچھ صُبح تک باقی نہ چھوڑے۔

20 تَو بھی اُنہوں نے مُوسیٰ کی بات نہ مانی بلکہ بعضوں نے صُبح تک کُچھ رہنے دِیا سو اُس میں کِیڑے پڑ گئے اور وہ سڑ گیا ۔ سو مُوسیٰ اُن سے ناراض ہُؤا۔

21 اور وہ ہر صُبح کو اپنے اپنے کھانے کی مِقدار کے مُطابِق جمع کر لیتے تھے اور دُھوپ تیز ہوتے ہی وہ پِگھل جاتا تھا۔

22 اور چھٹے دِن اَیسا ہُؤا کہ جِتنی روٹی وہ روز جمع کرتے تھے اُس سے دُونی جمع کی یعنی فی کس دو اومر اور جماعت کے سب سرداروں نے آکر یہ مُوسیٰ کو بتایا۔

23 اُس نے اُن کو کہا کہ خُداوند کا حُکم یہ ہے کہ کل خاص آرام کا دِن یعنی خُداوند کا مُقدّس سبت ہے ۔ جو تُم کو پکانا ہو پکا لو اور جو اُبالنا ہو اُبال لو اور وہ جو بچ رہے اُسے اپنے لِئے صُبح تک محفُوظ رکھّو۔

24 چُنانچہ اُنہوں نے جَیسا مُوسیٰ نے کہا تھا اُسے صُبح تک رہنے دِیا اور وہ نہ تو سڑا اور نہ اُس میں کِیڑے پڑے۔

25 اور مُوسیٰ نے کہا کہ آج اُسی کو کھاؤ کیونکہ آج خُداوند کا سبت ہے اِس لِئے وہ آج تُم کو مَیدان میں نہیں مِلے گا۔

26 چھ دِن تک تُم اُسے جمع کرنا پر ساتویں دِن سبت ہے ۔ اُس میں وہ نہیں مِلے گا۔

27 اور ساتویں دِن اَیسا ہُؤا کہ اُن میں سے بعض آدمی مَنّ بٹورنے گئے پر اُن کو کُچھ نہیں مِلا۔

28 تب خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ تُم لوگ کب تک میرے حُکموں اور شریعت کے ماننے سے اِنکار کرتے رہو گے؟۔

29 دیکھو چُونکہ خُداوند نے تُم کو سبت کا دِن دِیا ہے اِسی لِئے وہ تُم کو چھٹے دِن دو دِن کا کھانا دیتا ہے ۔ سو تُم اپنی اپنی جگہ رہو اور ساتویں دِن کوئی اپنی جگہ سے باہر نہ جائے۔

30 چُنانچہ لوگوں نے ساتویں دِن آرام کِیا۔

31 اور بنی اِسرائیل نے اُس کا نام مَنّ رکھّا اور وہ دھنئے کے بِیج کی طرح سفید اور اُس کا مزہ شہد کے بنے ہُوئے پُوئے کی طرح تھا۔

32 اور مُوسیٰ نے کہا خُداوند یہ حُکم دیتا ہے کہ اِس کاایک اومر بھر کر اپنی نسل کے لِئے رکھ لو تاکہ وہ اُس روٹی کو دیکھے جو مَیں نے تُم کو بیابان میں کِھلائی جب مَیں تُم کو مُلکِ مِصر سے نِکال کر لایا۔

33 اور مُوسیٰ نے ہارُو ن سے کہا ایک مرتبان لے اور ایک اومر مَنّ اُس میں بھر کر اُسے خُداوند کے آگے رکھ دے تاکہ وہ تُمہاری نسل کے لِئے رکھّا رہے۔

34 اور جَیسا خُداوند نے مُوسیٰ کو حُکم دِیا تھا اُسی کے مُطابِق ہارُو ن نے اُسے شہادت کے صندُوق کے آگے رکھ دِیا تاکہ وہ رکھّا رہے۔

35 اور بنی اِسرائیل جب تک آباد مُلک میں نہ آئے یعنی چالِیس برس تک مَنّ کھاتے رہے ۔ الغرض جب تک وہ مُلکِ کنعا ن کی حُدُود تک نہ آئے مَنّ کھاتے رہے۔

36 اور ایک اومر ایفہ کا دسواں حِصّہ ہے۔

خُرُوج 17

چٹان میں سے پانی

1 پِھر بنی اِسرائیل کی ساری جماعت سِین کے بیابان سے چلی اور خُداوند کے حُکم کے مُطابِق سفر کرتی ہُوئی رفیدیم میں آکر ڈیرا کِیا ۔ وہاں اُن لوگوں کے پِینے کو پانی نہ مِلا۔

2 وہاں وہ لوگ مُوسیٰ سے جھگڑا کر کے کہنے لگے کہ ہم کو پِینے کو پانی دے ۔

مُوسیٰ نے اُن سے کہا کہ تُم مُجھ سے کیوں جھگڑتے ہو اور خُداوند کو کیوں آزماتے ہو؟۔

3 وہاں اُن لوگوں کو بڑی پِیاس لگی ۔ سو وہ لوگ مُوسیٰ پر بُڑبُڑانے لگے اور کہا کہ تُو ہم کو اور ہمارے بچّوں اور چَوپایوں کو پِیاسا مارنے کے لِئے ہم لوگوں کو کیوں مُلکِ مِصر سے نِکال لایا؟۔

4 مُوسیٰ نے خُداوند سے فریاد کر کے کہا کہ مَیں اِن لوگوں سے کیا کرُوں؟ وہ سب تو ابھی مُجھے سنگسار کرنے کو تیّار ہیں۔

5 خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ لوگوں کے آگے ہو کر چل اور بنی اِسرائیل کے بزُرگوں میں سے چند کو اپنے ساتھ لے لے اور جِس لاٹھی سے تُو نے دریا پر مارا تھا اُسے اپنے ہاتھ میں لیتا جا۔

6 دیکھ مَیں تیرے آگے جا کر وہاں حورِب کی ایک چٹان پر کھڑا رہُوں گا اور تُو اُس چٹان پر مارنا تو اُس میں سے پانی نِکلے گا کہ یہ لوگ پِئیں ۔ چُنانچہ مُوسیٰ نے بنی اِسرائیل کے بزُرگوں کے سامنے یہی کِیا۔

7 اور اُس نے اُس جگہ کا نام مسّہ اور مریبہ رکھا کیونکہ بنی اِسرائیل نے وہاں جھگڑا کِیا اور یہ کہہ کر خُداوند کا اِمتِحان کِیا کہ خُداوند ہمارے بِیچ میں ہے یا نہیں۔

عمالِیقیوں سے جنگ

8 تب عمالِیقی آکر رفید یم میں بنی اِسرائیل سے لڑنے لگے۔

9 اور مُوسیٰ نے یشُوع سے کہا کہ ہماری طرف کے کُچھ آدمی چُن کر لے جا اور عمالِیقیوں سے لڑ اور مَیں کل خُدا کی لاٹھی اپنے ہاتھ میں لِئے ہُوئے پہاڑ کی چوٹی پر کھڑا رہُوں گا۔

10 سو مُوسیٰ کے حُکم کے مُطابِق یشُوع عمالِیقیوں سے لڑنے لگا اور مُوسیٰ اور ہارُو ن اور حور پہاڑ کی چوٹی پر چڑھ گئے۔

11 اور جب تک مُوسیٰ اپنا ہاتھ اُٹھائے رہتا تھا بنی اِسرائیل غالِب رہتے تھے اور جب وہ ہاتھ لٹکا دیتا تھا تب عمالِیقی غالِب ہوتے تھے۔

12 اور جب مُوسیٰ کے ہاتھ بھر گئے تو اُنہوں نے ایک پتّھر لے کر مُوسیٰ کے نِیچے رکھ دِیا اور وہ اُس پر بَیٹھ گیا اور ہارُون اور حور ایک اِدھر سے دُوسرا اُدھر سے اُس کے ہاتھوں کو سنبھالے رہے ۔ تب اُس کے ہاتھ آفتاب کے غرُوب ہونے تک مضبُوطی سے اُٹھے رہے۔

13 اور یشُوع نے عمالِیق اور اُس کے لوگوں کو تلوار کی دھار سے شِکست دی۔

14 تب خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا اِس بات کی یادگاری کے لِئے کِتاب میں لِکھ دے اور یشُوع کو سُنا دے کہ مَیں عمالِیق کا نام و نِشان دُنیا سے بِالکُل مِٹا دُوں گا۔

15 اور مُوسیٰ نے ایک قُربان گاہ بنائی اور اُس کا نام یہووا ہ نِسّی رکھّا۔

16 اور اُس نے کہا خُداوند نے قَسم کھائی ہے ۔ سو خُداوند عمالِیقیوں سے نسل در نسل جنگ کرتا رہے گا۔

خُرُوج 18

یِترو مُوسیٰ سے مِلنے آتا ہے

1 اور جو کُچھ خُداوند نے مُوسیٰ اور اپنی قَوم اِسرائیل کے لِئے کِیا اور جِس طرح سے خُداوند نے اِسرا ئیل کو مِصر سے نِکالا سب مُوسیٰ کے خُسر یِترو نے جو مِدیا ن کا کاہِن تھا سُنا۔

2 اور مُوسیٰ کے خُسریتِرو نے مُوسیٰ کی بِیوی صفُّور ہ کو جو میکے بھیج دی گئی تھی۔

3 اور اُس کے دونوں بیٹوں کو ساتھ لِیا ۔ اِن میں سے ایک کا نام مُوسیٰ نے یہ کہہ کر جیر سوم رکھّا تھا کہ مَیں پردیس میں مُسافِر ہُوں۔

4 اور دُوسرے کا نام یہ کہہ کر الیعزر رکھّا تھا کہ میرے باپ کا خُدا میرا مددگار ہُؤا اور اُس نے مُجھے فِرعو ن کی تلوار سے بچایا۔

5 اور مُوسیٰ کا خُسر یتِرو اُس کے بیٹوں اور بِیوی کو لے کر مُوسیٰ کے پاس اُس بیابان میں آیا جہاں خُدا کے پہاڑ کے پاس اُس کا ڈیرا لگا تھا۔

6 اور مُوسیٰ سے کہا کہ مَیں تیرا خُسر یِترو تیری بِیوی کو اور اُس کے ساتھ اُس کے دونوں بیٹوں کو لے کر تیرے پاس آیا ہُوں۔

7 تب مُوسیٰ اپنے خُسر سے مِلنے کو باہر نِکلا اور کورنش بجا لا کر اُس کو چُوما اور وہ ایک دُوسرے کی خیر و عافیت پُوچھتے ہُوئے خَیمہ میں آئے۔

8 اور مُوسیٰ نے اپنے خُسر کو بتایا کہ خُداوند نے اِسرا ئیل کی خاطِر فِرعو ن کے ساتھ کیا کیا کِیا اور اِن لوگوں پر راستہ میں کیا کیا مُصیبتیں پڑیں اور خُداوند اُن کو کِس کِس طرح بچاتا آیا۔

9 اور یتِرو اِن سب اِحسانوں کے سبب سے جو خُداوند نے اِسرا ئیل پر کِئے کہ اُن کو مِصریوں کے ہاتھ سے نجات بخشی باغ باغ ہُؤا۔

10 اور یِترو نے کہا خُداوند مُبارک ہو جِس نے تُم کو مِصریوں کے ہاتھ اور فِرعو ن کے ہاتھ سے نجات بخشی اور جِس نے اِس قوم کو مِصریوں کے پنجہ سے چُھڑایا۔

11 اب مَیں جان گیا کہ خُداوند سب معبُودوں سے بڑا ہے کیونکہ وہ اُن کاموں میں جو اُنہوں نے غرُور سے کِئے اُن پر غالِب ہُؤا۔

12 اور مُوسیٰ کے خُسر یتِرو نے خُدا کے لِئے سوختنی قُربانی اور ذبیحے چڑھائے اور ہارُو ن اور اِسرا ئیل کے سب بزُرگ مُوسیٰ کے خُسر کے ساتھ خُدا کے حضُور کھانا کھانے آئے۔

قاضیوں کا تقرُّر

13 اور دُوسرے دِن مُوسیٰ لوگوں کی عدالت کرنے بَیٹھا اور لوگ مُوسیٰ کے آس پاس صُبح سے شام تک کھڑے رہے۔

14 اور جب مُوسیٰ کے خُسر نے سب کُچھ جو وہ لوگوں کے لِئے کرتا تھا دیکھ لِیا تو اُس سے کہا یہ کیا کام ہے جو تُو لوگوں کے لِئے کرتا ہے؟ تُو کیوں آپ اکیلا بَیٹھتا ہے اور سب لوگ صُبح سے شام تک تیرے آس پاس کھڑے رہتے ہیں؟۔

15 مُوسیٰ نے اپنے خُسر سے کہا اِس کا سبب یہ ہے کہ لوگ میرے پاس خُدا سے دریافت کرنے کے لِئے آتے ہیں۔

16 جب اُن میں کُچھ جھگڑا ہوتا ہے تو وہ میرے پاس آتے ہیں اور مَیں اُن کے درمیان اِنصاف کرتا اور خُدا کے احکام اور شرِیعت اُن کو بتاتا ہُوں۔

17 تب مُوسیٰ کے خُسر نے اُس سے کہا کہ تُو اچّھا کام نہیں کرتا۔

18 اِس سے تُو کیا بلکہ یہ لوگ بھی جو تیرے ساتھ ہیں قطعی گُھل جائیں گے کیونکہ یہ کام تیرے لِئے بُہت بھاری ہے ۔ تُو اکیلا اِسے نہیں کر سکتا۔

19 سو اب تُو میری بات سُن ۔ مَیں تُجھے صلاح دیتا ہُوں اور خُدا تیرے ساتھ رہے ۔ تُو اِن لوگوں کے لِئے خُدا کے سامنے جایا کر اور اِن کے سب مُعاملے خُدا کے پاس پُہنچا دِیا کر۔

20 اور تُو رسُوم اور شرِیعت کی باتیں اِن کو سِکھایا کر اور جِس راستہ اِن کو چلنا اور جو کام اِن کو کرنا ہو وہ اِن کو بتایا کر۔

21 اور تُو اِن لوگوں میں سے اَیسے لائِق اشخاص چُن لے جو خُدا ترس اور سچّے اور رِشوت کے دُشمن ہوں اور اُن کو ہزار ہزار اور سَو سَو اور پچاس پچاس اور دس دس آدمیوں پر حاکِم بنا دے۔

22 کہ وہ ہر وقت لوگوں کا اِنصاف کِیا کریں اور اَیسا ہو کہ بڑے بڑے مُقدمے تو وہ تیرے پاس لائیں اور چھوٹی چھوٹی باتوں کافَیصلہ خُود ہی کر دِیا کریں ۔ یُوں تیرا بوجھ ہلکا ہو جائے گا اور وہ بھی اُس کے اُٹھانے میں تیرے شریک ہوں گے۔

23 اگر تُویہ کام کرے اور خُدا بھی تُجھے اَیسا ہی حُکم دے تو تُو سب کُچھ جھیل سکے گا اور یہ لوگ بھی اپنی جگہ اِطمِینان سے جائیں گے۔

24 اور مُوسیٰ نے اپنے خُسر کی بات مان کر جَیسا اُس نے بتایا تھا وَیسا ہی کِیا۔

25 چُنانچہ مُوسیٰ نے سب اِسرائیلیوں میں سے لائِق اشخاص چُنے اور اُن کو ہزار ہزار اور سَو سَو اور پچاس پچاس اور دس دس آدمیوں کے اُوپر حاکِم مُقرّر کِیا۔

26 سو یہی ہر وقت لوگوں کا اِنصاف کرنے لگے ۔ مُشکِل مُقدمات تو وہ مُوسیٰ کے پاس لے آتے تھے پر چھوٹی چھوٹی باتوں کا فَیصلہ خُود ہی کر دیتے تھے۔

27 پِھر مُوسیٰ نے اپنے خُسر کو رُخصت کِیا اور وہ اپنے وطن کو روانہ ہو گیا۔

خُرُوج 19

اِسرائیلی کوہِ سینا پر

1 اور بنی اِسرائیل کو جِس دِن مُلکِ مِصر سے نِکلے تین مہینے ہُوئے اُسی دِن وہ سینا کے بیابان میں آئے۔

2 اور جب وہ رفید یم سے روانہ ہو کر سینا کے بیابان میں آئے تو بیابان ہی میں ڈیرے لگا لِئے ۔سو وہیں پہاڑ کے سامنے اِسرائیلیوں کے ڈیرے لگے۔

3 اور مُوسیٰ اُس پر چڑھ کر خُدا کے پاس گیا

اور خُداوند نے اُسے پہاڑ پر سے پُکار کر کہا کہ تُو یعقُوب کے خاندان سے یُوں کہہ اور بنی اِسرائیل کو یہ سُنا دے۔

4 کہ تُم نے دیکھا کہ مَیں نے مِصریوں سے کیا کیا کِیا اور تُم کو گویا عُقاب کے پروں پر بَیٹھا کر اپنے پاس لے آیا۔

5 سو اب اگر تُم میری بات مانو اور میرے عہد پر چلو تو سب قَوموں میں سے تُم ہی میری خاص مِلِکیّت ٹھہرو گے کیونکہ ساری زمِین میری ہے۔

6 اور تُم میرے لِئے کاہِنوں کی ایک مملکت اور ایک مُقدّس قَوم ہو گے ۔ اِن ہی باتوں کو تُو بنی اِسرائیل کو سُنا دینا۔

7 تب مُوسیٰ نے آکر اور اُن لوگوں کے بزُرگوں کو بُلا کر اُن کے رُوبرُو وہ سب باتیں جو خُداوند نے اُسے فرمائی تِھیں بیان کِیں۔

8 اور سب لوگوں نے مِل کر جواب دِیا کہ جو کُچھ خُداوند نے فرمایا ہے وہ سب ہم کریں گے اور مُوسیٰ نے لوگوں کا جواب خُداوند کو جا کر سُنایا۔

9 اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ دیکھ مَیں کالے بادل میں اِس لِئے تیرے پاس آتا ہُوں کہ جب مَیں تُجھ سے باتیں کرُوں تو یہ لوگ سُنیں اور سدا تیرا یقِین کریں۔

اور مُوسیٰ نے لوگوں کی باتیں خُداوند سے بیان کِیں۔

10 اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ لوگوں کے پاس جا اور آج اور کل اُن کو پاک کر اور وہ اپنے کپڑے دھو لیں۔

11 اور تِیسرے دِن تیّار رہیں کیونکہ خُداوند تِیسرے دِن سب لوگوں کے دیکھتے دیکھتے کوہِ سینا پر اُترے گا۔

12 اور تُو لوگوں کے لِئے چاروں طرف حدّ باندھ کر اُن سے کہہ دینا کہ خبردار تُم نہ تو اِس پہاڑ پر چڑھنا اور نہ اِس کے دامن کو چُھونا ۔ جو کوئی پہاڑ کو چُھوئے ضرُور جان سے مار ڈالا جائے۔

13 مگر اُسے کوئی ہاتھ نہ لگائے بلکہ وہ لاکلام سنگسار کِیا جائے یا تیر سے چھیدا جائے خواہ وہ اِنسان ہو خواہ حَیوان وہ جِیتا نہ چھوڑا جائے اور جب نرسِنگا دیر تک پُھونکا جائے تو وہ سب پہاڑ کے پاس آجائیں۔

14 تب مُوسیٰ پہاڑ پر سے اُتر کر لوگوں کے پاس گیا اور اُس نے لوگوں کو پاک صاف کِیا اور اُنہوں نے اپنے کپڑے دھو لِئے۔

15 اور اُس نے لوگوں سے کہا کہ تِیسرے دِن تیّار رہنا اور عَورت کے نزدِیک نہ جانا۔

16 جب تِیسرا دِن آیا تو صُبح ہوتے ہی بادل گرجنے اور بِجلی چمکنے لگی اور پہاڑ پر کالی گھٹا چھا گئی اور قرنا کی آواز بُہت بُلند ہُوئی اور سب لوگ ڈیروں میں کانپ گئے۔

17 اور مُوسیٰ لوگوں کو خَیمہ گاہ سے باہر لایا کہ خُدا سے مِلائے اور وہ پہاڑ سے نِیچے آکھڑے ہُوئے۔

18 اور کوہِ سینا اُوپر سے نِیچے تک دُھوئیں سے بھر گیا کیونکہ خُداوند شُعلہ میں ہو کر اُس پر اُترا اور دُھواں تنُور کے دُھوئیں کی طرح اُوپر کو اُٹھ رہا تھا اور وہ سارا پہاڑ زور سے ہل رہا تھا۔

19 اور جب قرنا کی آواز نہایت ہی بُلند ہوتی گئی تو مُوسیٰ بولنے لگا اور خُدا نے آواز کے ذرِیعہ سے اُسے جواب دِیا۔

20 اور خُداوند کوہِ سینا کی چوٹی پر اُترا اور خُداوند نے پہاڑ کی چوٹی پر مُوسیٰ کو بُلایا ۔ سو مُوسیٰ اُوپر چڑھ گیا۔

21 اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ نِیچے اُتر کر لوگوں کو تاکیداً سمجھا دے تا اَیسا نہ ہو کہ وہ دیکھنے کے لِئے حدّوں کو توڑ کر خُداوند کے پاس آجائیں اور اُن میں سے بَہُتیرے ہلاک ہو جائیں۔

22 اور کاہِن بھی جو خُداوند کے نزدِیک آیا کرتے ہیں اپنے تئیں پاک کریں کہیں اَیسا نہ ہو کہ خُداوند اُن پر ٹُوٹ پڑے۔

23 تب مُوسیٰ نے خُداوند سے کہا کہ لوگ کوہِ سینا پر نہیں چڑھ سکتے کیونکہ تُو نے تو ہم کو تاکیداً کہا ہے کہ پہاڑ کے چوگِرد حدّ بندی کر کے اُسے پاک رکھّو۔

24 خُداوند نے اُسے کہا نِیچے اُتر جا اور ہارُون کو اپنے ساتھ لے کر اُوپر آپر کاہِن اور عوام حدّیں توڑ کر خُداوند کے پاس اُوپر نہ آئیں تا نہ ہو کہ وہ اُن پر ٹُوٹ پڑے۔

25 چُنانچہ مُوسیٰ نِیچے اُتر کر لوگوں کے پاس گیا اور یہ باتیں اُن کو بتائیں۔

خُرُوج 20

دس حُکم

1 اور خُدا نے یہ سب باتیں فرمائیں کہ۔

2 خُداوند تیرا خُدا جو تُجھے مُلکِ مِصر سے اور غُلامی کے گھر سے نِکال لایا مَیں ہُوں۔

3 میرے حضُور تُو غَیر معبُودوں کو نہ ماننا۔

4 تُو اپنے لِئے کوئی تراشی ہُوئی مُورت نہ بنانا ۔ نہ کِسی چِیز کی صُورت بنانا جو اُوپر آسمان میں یا نِیچے زمِین پر یا زمِین کے نِیچے پانی میں ہے۔

5 تُو اُن کے آگے سِجدہ نہ کرنا اور نہ اُن کی عِبادت کرنا کیونکہ مَیں خُداوند تیرا خُدا غیُور خُدا ہُوں اور جو مُجھ سے عداوت رکھتے ہیں اُن کی اَولاد کو تِیسری اور چَوتھی پُشت تک باپ دادا کی بدکاری کی سزا دیتا ہُوں۔

6 اور ہزاروں پر جو مُجھ سے مُحبّت رکھتے اور میرے حُکموں کو مانتے ہیں رحم کرتا ہُوں۔

7 تُو خُداوند اپنے خُدا کا نام بے فائدہ نہ لینا کیونکہ جو اُس کا نام بے فائدہ لیتا ہے خُداوند اُسے بے گُناہ نہ ٹھہرائے گا۔

8 یاد کر کے تُو سبت کا دِن پاک ماننا۔

9 چھ دِن تک تُو مِحنت کر کے اپنا سارا کام کاج کرنا۔

10 لیکن ساتواں دِن خُداوند تیرے خُدا کا سبت ہے اُس میں نہ تُو کوئی کام کرے نہ تیرا بیٹا نہ تیری بیٹی نہ تیرا غُلام نہ تیری لَونڈی نہ تیرا چَوپایہ نہ کوئی مُسافِر جو تیرے ہاں تیرے پھاٹکوں کے اندر ہو۔

11 کیونکہ خُداوند نے چھ دِن میں آسمان اور زمِین اور سمُندر اور جو کُچھ اُن میں ہے وہ سب بنایا اور ساتویں دِن آرام کِیا ۔ اِس لِئے خُداوند نے سبت کے دِن کو برکت دی اور اُسے مُقدّس ٹھہرایا۔

12 تُو اپنے باپ اور اپنی ماں کی عِزّت کرنا تاکہ تیری عُمر اُس مُلک میں جو خُداوند تیرا خُدا تُجھے دیتا ہے دراز ہو۔

13 تُو خُون نہ کرنا۔

14 تُو زِنا نہ کرنا۔

15 تُو چوری نہ کرنا۔

16 تُو اپنے پڑوسی کے خِلاف جُھوٹی گواہی نہ دینا۔

17 تُو اپنے پڑوسی کے گھر کا لالچ نہ کرنا ۔ تُو اپنے پڑوسی کی بیوی کا لالچ نہ کرنا اور نہ اُس کے غُلام اور اُس کی لَونڈی اور اُس کے بَیل اور اُس کے گدھے کا اور نہ اپنے پڑوسی کی کِسی اَور چِیز کا لالچ کرنا۔

لوگوں کا ڈرنا

18 اور سب لوگوں نے بادل گرجتے اور بِجلی چمکتے اور قرنا کی آواز ہوتے اور پہاڑ سے دُھواں اُٹھتے دیکھا اور جب لوگوں نے یہ دیکھا تو کانپ اُٹھے اور دُور کھڑے ہو گئے۔

19 اور مُوسیٰ سے کہنے لگے تُو ہی ہم سے باتیں کِیا کر اور ہم سُن لِیا کریں گے لیکن خُدا ہم سے باتیں نہ کرے تا نہ ہو کہ ہم مَر جائیں۔

20 مُوسیٰ نے لوگوں سے کہا کہ تُم ڈرو مت کیونکہ خُدا اِس لِئے آیا ہے کہ تُمہارا اِمتحان کرے اور تُم کو اُس کا خَوف ہو تاکہ تُم گُناہ نہ کرو۔

21 اور وہ لوگ دُور ہی کھڑے رہے اور مُوسیٰ اُس گہری تارِیکی کے نزدِیک گیا جہاں خُدا تھا۔

قُربان گاہ کی بابت احکام

22 اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا تُو بنی اِسرائیل سے یہ کہنا کہ تُم نے خُود دیکھا کہ مَیں نے آسمان پر سے تُمہارے ساتھ باتیں کیں۔

23 تُم میرے ساتھ کِسی کو شرِیک نہ کرنا یعنی چاندی یا سونے کے دیوتا اپنے لِئے نہ گھڑ لینا۔

24 اور تُو مِٹّی کی ایک قُربان گاہ میرے لِئے بنایا کرنا اور اُس پر اپنی بھیڑ بکریوں اور گائے بَیلوں کی سوختنی قُربانیاں اور سلامتی کی قُربانیاں چڑھانا اور جہاں جہاں مَیں اپنے نام کی یادگاری کراؤُں گا وہاں مَیں تیرے پاس آکر تُجھے برکت دُوں گا۔

25 اور اگر تُو میرے لِئے پتّھر کی قُربان گاہ بنائے تو تراشے ہُوئے پتّھر سے نہ بنانا کیونکہ اگر تُو اُس پر اپنے اَوزار لگائے تو تُو اُسے ناپاک کر دے گا۔

26 اور تُو میری قُربان گاہ پر سیڑھیوں سے ہرگِز نہ چڑھنا تا نہ ہو کہ تیری برہنگی اُس پر ظاہِر ہو۔

خُرُوج 21

غُلاموں کے ساتھ سلُوک

1 وہ احکام جو تُجھے اُن کو بتانے ہیں یہ ہیں۔

2 اگر تُو کوئی عِبرانی غُلام خریدے تُو وہ چھ برس خِدمت کرے اور ساتویں برس مُفت آزاد ہو کر چلا جائے۔

3 اگر وہ اکیلا آیا ہو تو اکیلا ہی چلا جائے اور اگر وہ بیاہا ہو تو اُس کی بِیوی بھی اُس کے ساتھ جائے۔

4 اگر اُس کے آقا نے اُس کابیاہ کرایا ہو اور اُس عَورت کے اُس سے بیٹے اور بیٹیاں ہُوئی ہوں تو وہ عَورت اور اُس کے بچّے اُس آقا کے ہو کر رہیں اور وہ اکیلا چلا جائے۔

5 پر اگر وہ غُلام صاف کہہ دے کہ مَیں اپنے آقا سے اور اپنی بِیوی اور بچّوں سے مُحبّت رکھتا ہُوں ۔ مَیں آزاد ہو کر نہیں جاؤُں گا۔

6 تو اُس کا آقا اُسے خُدا کے پاس لے جائے اور اُسے دروازہ پر یا دروازہ کی چوکھٹ پر لا کر سُتاری سے اُس کاکان چھیدے ۔ تب وہ ہمیشہ اُس کی خِدمت کرتا رہے۔

7 اور اگر کوئی شخص اپنی بیٹی کو لَونڈی ہونے کے لِئے بِیچ ڈالے تو وہ غُلاموں کی طرح چلی نہ جائے۔

8 اگر اُس کا آقا جِس نے اُس سے نِسبت کی ہے اُس سے خُوش نہ ہوتو وہ اُس کافِدیہ منظُور کرے پر اُسے یہ اِختیار نہ ہو گا کہ اُس کو کِسی اجنبی قَوم کے ہاتھ بیچے کیونکہ اُس نے اُس سے دغابازی کی۔

9 اور اگر وہ اُس کی نِسبت اپنے بیٹے سے کر دے تو وہ اُس سے بیٹیوں کا سا سلُوک کرے۔

10 اگر وہ دُوسری عَورت کر لے تَو بھی وہ اُس کے کھانے کپڑے اور شادی کے فرض میں قاصِر نہ ہو۔

11 اور اگر وہ اُس سے یہ تِینوں باتیں نہ کرے تو وہ مُفت بے رُوپَے دِئے چلی جائے۔

تشدُّد آمیز سلُوک کی بابت احکام

12 اگر کوئی کِسی آدمی کو اَیسا مارے کہ وہ مَر جائے تو وہ قطعی جان سے مارا جائے۔

13 پر اگر وہ شخص گھات لگا کر نہ بَیٹھا ہو بلکہ خُدا ہی نے اُسے اُس کے حوالہ کر دِیا ہو تو مَیں اَیسے حال میں ایک جگہ بتا دُوں گا جہاں وہ بھاگ جائے۔

14 اور اگر کوئی دِیدہ و دانِستہ اپنے ہمسایہ پر چڑھ آئے تاکہ اُسے مَکر سے مار ڈالے تو تُو اُسے میری قُربان گاہ سے جُدا کر دینا تاکہ وہ مارا جائے۔

15 اور جو کوئی اپنے باپ یا اپنی ماں کو مارے وہ قطعی جان سے مارا جائے۔

16 اور جو کوئی کِسی آدمی کو چُرائے خواہ وہ اُسے بیچ ڈالے خواہ وہ اُس کے ہاں مِلے وہ قطعی مار ڈالا جائے۔

17 اور جو اپنے باپ یا اپنی ماں پر لَعنت کرے وہ قطعی مار ڈالا جائے۔

18 اور اگر دو شخص جھگڑیں اور ایک دُوسرے کو پتّھر یا مُکّا مارے اور وہ مَرے تو نہیںپر بِسترپرپڑا رہے۔

19 تو جب وہ اُٹھ کر اپنی لاٹھی کے سہارے باہر چلنے پِھرنے لگے تب وہ جِس نے مارا تھا بری ہو جائے اور فقط اُس کا ہرجانہ بھر دے اور اُس کا پُورا عِلاج کرا دے۔

20 اور اگر کوئی اپنے غُلام یا لَونڈی کو لاٹھی سے اَیسا مارے کہ وہ اُس کے ہاتھ سے مَر جائے تو اُسے ضرُور سزا دی جائے۔

21 لیکن اگر وہ ایک دو دِن جِیتا رہے تو آقا کو سزا نہ دی جائے اِس لِئے کہ وہ غُلام اُس کامال ہے۔

22 اگر لوگ آپس میں مار پِیٹ کریں اور کِسی حامِلہ کو اَیسی چوٹ پُہنچائیں کہ اُسے اِسقاط ہو جائے پر اَور کوئی نُقصان نہ ہو تو اُس سے جِتنا جُرمانہ اُس کا شَوہر تجوِیز کرے لِیا جائے اور وہ جِس طرح قاضی فَیصلہ کریں جُرمانہ بھر دے۔

23 لیکن اگر نُقصان ہو جائے تو تُو جان کے بدلے جان لے۔

24 اور آنکھ کے بدلے آنکھ ۔ دانت کے بدلے دانت اور ہاتھ کے بدلے ہاتھ ۔ پاؤں کے بدلے پاؤں۔

25 جلانے کے بدلے جلانا ۔ زخم کے بدلے زخم اور چوٹ کے بدلے چوٹ۔

26 اور اگر کوئی اپنے غُلام یا اپنی لَونڈی کی آنکھ پر اَیسا مارے کہ وہ پُھوٹ جائے تو وہ اُس کی آنکھ کے بدلے اُسے آزاد کر دے۔

27 اگر کوئی اپنے غُلام یا اپنی لَونڈی کا دانت مار کر توڑ دے تو وہ اُس کے دانت کے بدلے اُسے آزاد کر دے۔

مالِکوں کی ذِمّہ داری

28 اگر بَیل کِسی مَرد یا عَورت کو اَیسا سِینگ مارے کہ وہ مَر جائے تو وہ بَیل ضرُور سنگسار کِیا جائے اور اُس کا گوشت کھایا نہ جائے لیکن بَیل کا مالِک بے گُناہ ٹھہرے۔

29 پر اگر اُس بَیل کی پہلے سے سِینگ مارنے کی عادت تھی اور اُس کے مالِک کو بتا بھی دِیا گیا تھا تَو بھی اُس نے اُسے باندھ کر نہیں رکھّا اور اُس نے کِسی مَرد یا عَورت کو مار دِیا ہو تو بَیل سنگسار کِیا جائے اور اُس کا مالِک بھی مارا جائے۔

30 اور اگر اُس سے خُون بہا مانگا جائے تو اُسے اپنی جان کے فِدیہ میں جِتنا اُس کے لِئے ٹھہرایا جائے اُتنا ہی دینا پڑے گا۔

31 خواہ اُس نے کِسی کے بیٹے کو مارا ہو یا بیٹی کو اِسی حُکم کے مُوافِق اُس کے ساتھ عمل کِیا جائے۔

32 اگر بَیل کِسی کے غُلام یا لَونڈی کو سِینگ سے مارے تو مالِک اُس غُلام یا لَونڈی کے مالِک کو تِیس مِثقال رُوپَے دے اور بَیل سنگسار کِیا جائے۔

33 اور اگر کوئی آدمی گڑھا کھولے یا کھودے اور اُس کا مُنہ نہ ڈھانپے اور کوئی بَیل یا گدھا اُس میں گِرجائے۔

34 تو گڑھے کا مالِک اِس کا نُقصان بھر دے اور اُن کے مالِک کو قیمت دے اور مَرے ہُوئے جانور کو خُود لے لے۔

35 اور اگر کِسی کا بَیل دُوسرے کے بَیل کو اَیسی چوٹ پُہنچائے کہ وہ مَر جائے تو وہ جِیتے بَیل کو بیچیں اور اُس کا دام آدھا آدھا آپس میں بانٹ لیں اور اِس مَرے ہُوئے بَیل کو بھی اَیسے ہی بانٹ لیں۔

36 اور اگر معلُوم ہو جائے کہ اُس بَیل کی پہلے سے سِینگ مارنے کی عادت تھی اور اُس کے مالِک نے اُسے باندھ کر نہیں رکھّاتو اُسے قطعی بَیل کے بدلے بَیل دینا ہو گا اور وہ مَرا ہُؤا جانور اُس کا ہوگا۔