خُرُوج 2

مُوسیٰ کی پَیدایش

1 اور لاو ی کے گھرانے کے ایک شخص نے جا کر لاو ی کی نسل کی ایک عَورت سے بیاہ کِیا۔

2 وہ عَورت حامِلہ ہُوئی اور اُس کے بیٹا ہُؤا اور اُس نے یہ دیکھ کر کہ بچّہ خُوب صُورت ہے تِین مہِینے تک اُسے چُھپا کر رکھّا۔

3 اور جب اُسے اَور زِیادہ چُھپا نہ سکی تو اُس نے سرکنڈوں کا ایک ٹوکرا لِیا اور اُس پر چِکنی مِٹّی اور رال لگا کر لڑکے کو اُس میں رکھّا اور اُسے دریا کے کنارے جھاؤ میں چھوڑ آئی۔

4 اور اُس کی بہن دُور کھڑی رہی تاکہ دیکھے کہ اُس کے ساتھ کیا ہوتا ہے۔

5 اور فِرعو ن کی بیٹی دریا پر غُسل کرنے آئی اور اُس کی سہیلِیاں دریا کے کنارے کنارے ٹہلنے لگِیں ۔ تب اُس نے جھاؤ میں وہ ٹوکرا دیکھ کر اپنی سہیلی کو بھیجا کہ اُسے اُٹھا لائے۔

6 جب اُس نے اُسے کھولا تو لڑکے کو دیکھا اور وہ بچّہ رو رہا تھا ۔ اُسے اُس پر رَحم آیا اور کہنے لگی یہ کِسی عِبرانی کا بچّہ ہے۔

7 تب اُس کی بہن نے فِرعو ن کی بیٹی سے کہا کیا مَیں جا کر عِبرانی عَورتوں میں سے ایک دائی تیرے پاس بُلا لاؤُں جو تیرے لِئے اِس بچّے کو دُودھ پِلایا کرے؟۔

8 فِرعو ن کی بیٹی نے اُسے کہا جا ۔ وہ لڑکی جا کر اُس بچّے کی ماں کو بُلا لائی۔

9 فِرعو ن کی بیٹی نے اُسے کہا تُو اِس بچّے کو لے جا کر میرے لِئے دُودھ پِلا ۔ مَیں تُجھے تیری اُجرت دِیا کرُوں گی ۔ وہ عَورت اُس بچّے کو لے جا کر دُودھ پِلانے لگی۔

10 جب بچّہ کُچھ بڑا ہُؤا تو وہ اُسے فِرعو ن کی بیٹی کے پاس لے گئی اور وہ اُس کا بیٹا ٹھہرا اور اُس نے اُس کا نام مُوسیٰ یہ کہہ کر رکھّا کہ مَیں نے اُسے پانی سے نِکالا۔

مُوسیٰ کا مدیان کو فرار

11 اِتنے میں جب مُوسیٰ بڑا ہُؤا تو باہر اپنے بھائیوں کے پاس گیا اور اُن کی مشقّتوں پر اُس کی نظر پڑی اور اُس نے دیکھا کہ ایک مِصری اُس کے ایک عِبرانی بھائی کو مار رہا ہے۔

12 پِھر اُس نے اِدھر اُدھر نِگاہ کی اور جب دیکھا کہ وہاں کوئی دُوسرا آدمی نہیں ہے تو اُس مِصری کو جان سے مار کر اُسے ریت میں چُھپا دِیا۔

13 پِھر دُوسرے دِن وہ باہر گیا اور دیکھا کہ دو عِبرانی آپس میں مار پِیٹ کر رہے ہیں ۔ تب اُس نے اُسے جِس کا قصُور تھا کہا کہ تُو اپنے ساتھی کو کیوں مارتا ہے؟۔

14 اُس نے کہا تُجھے کِس نے ہم پر حاکِم یا مُنصِف مُقرّر کِیا؟ کیا جِس طرح تُو نے اُس مِصری کو مار ڈالا مُجھے بھی مار ڈالنا چاہتا ہے؟ تب مُوسیٰ یہ سوچ کر ڈرا کہ بِلاشک یہ بھید فاش ہو گیا۔

15 جب فِرعو ن نے یہ سُنا تو چاہا کہ مُوسیٰ کو قتل کرے پر مُوسیٰ فِرعو ن کے حضُور سے بھاگ کر مُلکِ مِدیا ن میں جا بسا۔

وہاں وہ ایک کُنوئیں کے نزدِیک بَیٹھا تھا۔

16 اور مِدیا ن کے کاہِن کی سات بیٹیاں تِھیں ۔ وہ آئِیں اور پانی بھر بھر کر کٹھروں میں ڈالنے لگیں تاکہ اپنے باپ کی بھیڑ بکریوں کو پِلائیں۔

17 اور گڈرئے آ کر اُن کو بھگانے لگے لیکن مُوسیٰ کھڑا ہو گیا اور اُس نے اُن کی مدد کی اور اُن کی بھیڑ بکریوں کو پانی پِلایا۔

18 اور جب وہ اپنے باپ رعوا یل کے پاس لَوٹیں تو اُس نے پُوچھا کہ آج تُم اِس قدر جلد کَیسے آگئِیں؟۔

19 اُنہوں نے کہا ایک مِصری نے ہم کو گڈریوں کے ہاتھ سے بچایا اور ہمارے بدلے پانی بھر بھر کر بھیڑ بکریوں کو پِلایا۔

20 اُس نے اپنی بیٹِیوں سے کہا کہ وہ آدمی کہاں ہے؟ تم اُسے کیوں چھوڑ آئِیں؟ اُسے بُلا لاؤ کہ روٹی کھائے۔

21 اور مُوسیٰ اُس شخص کے ساتھ رہنے کو راضی ہو گیا ۔ تب اُس نے اپنی بیٹی صفّور ہ مُوسیٰ کو بیاہ دی۔

22 اور اُس کے ایک بیٹا ہُؤا اور مُوسیٰ نے اُس کا نام جیرسوم یہ کہہ کر رکھّا کہ مَیں اجنبی مُلک میں مُسافِر ہُوں۔

23 اور ایک مُدّت کے بعد یُوں ہُؤا کہ مِصر کا بادشاہ مَرگیا اور بنی اِسرائیل اپنی غُلامی کے سبب سے آہ بھرنے لگے اور روئے اور اُن کا رونا جو اُن کی غُلامی کے باعِث تھا خُدا تک پُہنچا۔

24 اور خُدا نے اُ ن کاکراہنا سُنا اور خُدا نے اپنے عہد کو جو ابرہام اور اِضحا ق اور یعقُوب کے ساتھ تھا یاد کِیا۔

25 اور خُدا نے بنی اِسرائیل پر نظر کی اور اُن کے حال کو معلُوم کِیا۔

خُرُوج 3

خُدا مُوسیٰ کو بُلاتا ہے

1 اور مُوسیٰ اپنے خُسر یِترو کی جو مِدیان کا کاہِن تھا بھیڑ بکریاں چراتا تھا اور وہ بھیڑ بکر یوں کو ہنکاتا ہُؤا اُن کو بیابان کی پرلی طرف سے خُدا کے پہاڑ حورِب کے نزدِیک لے آیا۔

2 اور خُداوند کا فرِشتہ ایک جھاڑی میں سے آگ کے شُعلہ میں اُس پر ظاہِر ہُؤا ۔ اُس نے نِگا ہ کی اور کیا دیکھتا ہے کہ ایک جھاڑی میں آگ لگی ہُوئی ہے پر وہ جھاڑی بھسم نہیں ہوتی۔

3 تب مُوسیٰ نے کہا مَیں اب ذرا اُدھر کترا کر اِس بڑے منظر کو دیکھُوں کہ یہ جھاڑی کیوں نہیں جل جاتی۔

4 جب خُداوند نے دیکھا کہ وہ دیکھنے کو کترا کر آرہا ہے تو خُدا نے اُسے جھاڑی میں سے پُکارا اور کہا اَے مُوسیٰ ! اَے مُوسیٰ !

اُس نے کہا مَیں حاضِر ہُوں۔

5 تب اُس نے کہا اِدھر پاس مت آ ۔ اپنے پاؤں سے جُوتا اُتار کیونکہ جِس جگہ تُو کھڑا ہے وہ مُقدّس زمِین ہے۔

6 پِھر اُس نے کہا کہ مَیں تیرے باپ کا خُدا یعنی ابرہا م کا خُدا اور اِضحاق کا خُدا اور یعقُوب کا خُدا ہُوں ۔ مُوسیٰ نے اپنا مُنہ چُھپایا کیونکہ وہ خُدا پر نظر کرنے سے ڈرتا تھا۔

7 اور خُداوند نے کہا مَیں نے اپنے لوگوں کی تکلِیف جو مِصر میں ہیں خُوب دیکھی اور اُن کی فریاد جو بیگار لینے والوں کے سبب سے ہے سُنی اور مَیں اُن کے دُکھوں کو جانتا ہُوں۔

8 اور مَیں اُترا ہُوں کہ اُن کو مِصرِیوں کے ہاتھ سے چُھڑاؤُں اور اُس مُلک سے نِکال کر اُن کو ایک اچھّے اور وسِیع مُلک میں جہاں دُودھ اور شہد بہتا ہے یعنی کنعانیوں اور حِتّیوں اور اموریوں اور فرزّیوں اور حوّیوں اور یبوسِیوں کے مُلک میں پُہنچاؤُں۔

9 دیکھ بنی اِسرائیل کی فریاد مُجھ تک پُہنچی ہے اور مَیں نے وہ ظُلم بھی جو مِصری اُن پر کرتے ہیں دیکھا ہے۔

10 سو اب آ مَیں تُجھے فِرعون کے پاس بھیجتا ہُوں کہ تُومیری قَوم بنی اِسرائیل کو مِصر سے نِکال لائے۔

11 مُوسیٰ نے خُدا سے کہا مَیں کَون ہُوں جو فِرعون کے پاس جاؤُں اور بنی اِسرائیل کو مِصر سے نِکال لاؤُں؟۔

12 اُس نے کہا مَیں ضرُور تیرے ساتھ رہُوں گااور اِس کا کہ مَیں نے تُجھے بھیجا ہے تیرے لِئے یہ نِشان ہو گا کہ جب تُو اُن لوگوں کو مِصر سے نِکال لائے گا تو تُم اِس پہاڑ پر خُدا کی عِبادت کرو گے۔

13 تب مُوسیٰ نے خُدا سے کہا جب مَیں بنی اِسرائیل کے پاس جا کر اُن کو کہُوں کہ تُمہارے باپ دادا کے خُدا نے مُجھے تُمہارے پاس بھیجا ہے اور وہ مُجھے کہیں کہ اُس کا نام کیا ہے؟ تو مَیں اُن کو کیا بتاؤُں؟۔

14 خُدا نے مُوسیٰ سے کہا مَیں جو ہُوں سو مَیں ہُوں ۔ سو تُو بنی اِسرائیل سے یُوں کہنا کہ مَیں جو ہُوں نے مُجھے تُمہارے پاس بھیجا ہے۔

15 پِھر خُدا نے مُوسیٰ سے یہ بھی کہا کہ تُو بنی اِسرائیل سے یُوں کہنا کہ خُداوند تُمہارے باپ دادا کے خُدا ابرہام کے خُدا اور اِضحاق کے خُدا اور یعقُوب کے خُدا نے مُجھے تُمہارے پاس بھیجا ہے ۔ ابد تک میرا یِہی نام ہے اور سب نسلوں میں اِسی سے میرا ذِکر ہو گا۔

16 جا کر اِسرائیلی بزُرگوں کو ایک جگہ جمع کر اور اُن کو کہہ کہ خُداوند تُمہارے باپ دادا کے خُدا ابرہام اور اِضحاق اور یعقُوب کے خُدا نے مُجھے دِکھائی دے کر یہ کہا ہے کہ مَیں نے تُم کو بھی اور جو کُچھ برتاؤ تُمہارے ساتھ مِصر میں کِیا جا رہا ہے اُسے بھی خُوب دیکھا ہے۔

17 اور مَیں نے کہا ہے کہ مَیں تُم کو مِصر کے دُکھ میں سے نِکال کر کنعانیوں اور حِتّیوں اور اموریوں اور فرزّیوں اور حوّیوں اور یبوسِیوں کے مُلک میں لے چلُوں گا جہاں دُودھ اور شہد بہتا ہے۔

18 اور وہ تیری بات مانیں گے اور تُو اِسرائیلی بزُرگوں کو ساتھ لے کر مِصر کے بادشاہ کے پاس جانا اور اُس سے کہنا کہ خُداوند عِبرانیوں کے خُدا کی ہم سے مُلاقات ہُوئی ۔ اب تُو ہم کو تِین دِن کی منزل تک بیابان میں جانے دے تاکہ ہم خُداوند اپنے خُدا کے لِئے قُربانی کریں۔

19 اور مَیں جانتا ہُوں کہ مِصر کا بادشاہ تُم کو نہ یُوں جانے دے گا نہ بڑے زور سے۔

20 سو مَیں اپنا ہاتھ بڑھاؤُں گا اور مِصر کو اُن سب عجائب سے جو مَیں اُس میں کرُوں گا مُصِیبت میں ڈال دُوں گا ۔ اِس کے بعد وہ تُم کو جانے دے گا۔

21 اور مَیں اُن لوگوں کو مِصرِیوں کی نظر میں عِزّت بخشُوں گا اور یُوں ہو گا کہ جب تُم نِکلو گے تو خالی ہاتھ نہ نِکلو گے۔

22 بلکہ تُمہاری ایک ایک عَورت اپنی اپنی پڑوسن سے اور اپنے اپنے گھر کی مہمان سے سونے چاندی کے زیور اور لِباس مانگ لے گی ۔ اِن کو تُم اپنے بیٹوں اور بیٹِیوں کو پہناؤ گے اور مِصرِیوں کو لُوٹ لو گے۔

خُرُوج 4

خُدا مُوسیٰ کو مُعجِزوں کا اِختیار دیتا ہے

1 تب مُوسیٰ نے جواب دِیا لیکن وہ تو میرا یقیِن ہی نہیں کریں گے نہ میری بات سُنیں گے ۔ وہ کہیں گے خُداوند تُجھے دِکھائی نہیں دِیا۔

2 اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ یہ تیرے ہاتھ میں کیا ہے؟

اُس نے کہا لاٹھی۔

3 پِھر اُس نے کہا کہ اُسے زمِین پر ڈال دے ۔ اُس نے اُسے زمِین پر ڈالا اور وہ سانپ بن گئی اور مُوسیٰ اُس کے سامنے سے بھاگا۔

4 تب خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا ہاتھ بڑھا کر اُس کی دُم پکڑ لے (اُس نے ہاتھ بڑھایا اور اُسے پکڑ لِیا ۔ وہ اُس کے ہاتھ میں لاٹھی بن گیا)۔

5 تاکہ وہ یقِین کریں کہ خُداوند اُن کے باپ دادا کا خُدا ابرہام کا خُدا اِضحاق کا خُدا اور یعقُوب کا خُدا تُجھ کو دِکھائی دِیا۔

6 پِھر خُداوند نے اُسے یہ بھی کہا کہ تُو اپنا ہاتھ اپنے سِینہ پر رکھ کر ڈھانک لے ۔ اُس نے اپنا ہاتھ اپنے سِینہ پر رکھ کر اُسے ڈھانک لِیا اور جب اُس نے اُسے نِکال کر دیکھا تو اُس کا ہاتھ کوڑھ سے برف کی مانِند سفید تھا۔

7 اُس نے کہا کہ تُو اپنا ہاتھ پِھر اپنے سِینہ پر رکھ کر ڈھانک لے (اُس نے پِھر اُسے سِینہ پر رکھ کر ڈھانک لِیا ۔ جب اُس نے اُسے سِینہ پر سے باہر نِکال کر دیکھا تو وہ پِھر اُس کے باقی جِسم کی مانِند ہو گیا)۔

8 اور یُوں ہو گا کہ اگر وہ تیرا یقِین نہ کریں اور پہلے مُعجِزہ کو بھی نہ مانیں تو وہ دُوسرے مُعجِزہ کے سبب سے یقِین کریں گے۔

9 اور اگر وہ اِن دونوں مُعجِزوں کے سبب سے بھی یقِین نہ کریں اور تیری بات نہ سنیں تو تُو دریا کا پانی لے کر خُشک زمِین پر چِھڑک دینا اور وہ پانی جو تُو دریا سے لے گا خُشک زمِین پر خُون ہو جائے گا۔

10 تب مُوسیٰ نے خُداوند سے کہا اَے خُداوند! مَیں فصِیح نہیں ۔ نہ تو پہلے ہی تھا اور نہ جب سے تُو نے اپنے بندے سے کلام کِیا بلکہ رُک رُک کر بولتا ہُوں اور میری زُبان کُند ہے۔

11 تب خُداوند نے اُسے کہا کہ آدمی کا مُنہ کِس نے بنایا ہے؟ اور کَون گُونگا یا بہرا یا بِینا یا اندھا کرتا ہے؟ کیا مَیں ہی جو خُداوند ہُوں یہ نہیں کرتا؟۔

12 سو اب تُو جا اور مَیں تیری زُبان کا ذِمّہ لیتا ہُوں اور تُجھے سِکھاتا رہُوں گا کہ تُو کیا کیا کہے۔

13 تب اُس نے کہا کہ اَے خُداوند مَیں تیری مِنّت کرتا ہُوں کِسی اَور کے ہاتھ سے جِسے تُو چاہے یہ پَیغام بھیج۔

14 تب خُداوند کا قہر مُوسیٰ پر بھڑکا اور اُس نے کہا کیا لاوِیوں میں سے ہارُون تیرا بھائی نہیں ہے؟ مَیں جانتا ہُوں کہ وہ فصِیح ہے اور وہ تیری مُلاقات کو آ بھی رہا ہے اور تُجھے دیکھ کر دِل میں خُوش ہو گا۔

15 سو تُو اُسے سب کُچھ بتانا اور یہ سب باتیں اُسے سِکھانا اور مَیں تیری اور اُس کی زُبان کا ذِمّہ لیتا ہُوں اور تُم کو سِکھاتا رہُوں گا کہ تُم کیا کیا کرو۔

16 اور وہ تیری طرف سے لوگوں سے باتیں کرے گا اور وہ تیرا مُنہ بنے گا اور تُو اُس کے لِئے گویا خُدا ہو گا۔

17 اور تُو اِس لاٹھی کو اپنے ہاتھ میں لِئے جا اور اِسی سے اِن مُعجزِوں کو دِکھانا۔

مُوسیٰ مِصر میں واپس آتا ہے

18 تب مُوسیٰ لَوٹ کر اپنے خُسر یِترو کے پاس گیا اور اُسے کہا کہ مُجھے ذرا اِجازت دے کہ اپنے بھائیوں کے پاس جو مِصر میں ہیں جاؤُں اور دیکھوں کہ وہ اب تک جِیتے ہیں کہ نہیں ۔ یِترو نے مُوسیٰ سے کہا سلامت جا۔

19 اور خُداوند نے مِدیان میں مُوسیٰ سے کہا کہ مِصر کو لَوٹ جا کیونکہ وہ سب جو تیری جان کے خواہاں تھے مَر گئے۔

20 تب مُوسیٰ اپنی بیوی اور اپنے بیٹوں کو لے کر اور اُن کو ایک گدھے پر چڑھا کر مِصر کو لَوٹا اور مُوسیٰ نے خُدا کی لاٹھی اپنے ہاتھ میں لے لی۔

21 اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ جب تُو مِصر میں پُہنچے تو دیکھ وہ سب کرامات جو مَیں نے تیرے ہاتھ میں رکھّی ہیں فِرعو ن کے آگے دِکھانا لیکن مَیں اُس کے دِل کو سخت کرُوں گا اور وہ اُن لوگوں کو جانے نہیں دے گا۔

22 اور تُو فِرعو ن سے کہنا کہ خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ اِسرا ئیل میرا بیٹا بلکہ میرا پہلوٹھا ہے۔

23 اور مَیں تُجھے کہہ چُکا ہُوں کہ میرے بیٹے کو جانے دے تاکہ وہ میری عِبادت کرے اور تُونے اب تک اُسے جانے دینے سے اِنکار کِیا ہے ۔ سو دیکھ مَیں تیرے بیٹے کو بلکہ تیرے پہلوٹھے کو مار ڈالُوں گا۔

24 اور راستہ میں منزل پر خُداوند اُسے مِلا اور چاہا کہ اُسے مار ڈالے۔

25 تب صفّور ہ نے چقمق کا ایک پتّھر لے کر اپنے بیٹے کی کھلڑی کاٹ ڈالی اور اُسے مُوسیٰ کے پاؤں پر پھینک کر کہا تُو بیشک میرے لِئے خُونی دُلہا ٹھہرا۔

26 تب اُس نے اُسے چھوڑ دِیا ۔ پس اُس نے کہا کہ خَتنہ کے سبب سے تُو خُونی دُلہا ہے۔

27 اور خُداوند نے ہارُون سے کہا کہ بیابان میں جا کر مُوسیٰ سے مُلاقات کر ۔ وہ گیا اور خُدا کے پہاڑ پر اُس سے مِلا اور اُسے بوسہ دِیا۔

28 اور مُوسیٰ نے ہارُون کو بتایا کہ خُدا نے کیا کیا باتیں کہہ کر اُسے بھیجا اور کَون کَون سے مُعجِزے دِکھانے کا اُسے حُکم دِیا ہے۔

29 تب مُوسیٰ اور ہارُون نے جا کر بنی اِسرائیل کے سب بزُرگوں کو ایک جگہ جمع کِیا۔

30 اور ہارُون نے سب باتیں جو خُداوند نے مُوسیٰ سے کہی تِھیں اُن کو بتائیں اور لوگوں کے سامنے مُعجِزے کِئے۔

31 تب لوگوں نے اُن کا یقِین کِیا اور یہ سُن کر کہ خُداوند نے بنی اِسرائیل کی خبر لی اور اُن کے دُکھوں پر نظر کی اُنہوں نے اپنے سر جُھکا کر سِجدہ کِیا۔

خُرُوج 5

مُوسیٰ اور ہارُون مِصر کے بادشاہ کے حضُور

1 اِس کے بعد مُوسیٰ اور ہارُون نے جا کر فِرعو ن سے کہا کہ خُداوند اِسرا ئیل کا خُدا یُوں فرماتا ہے کہ میرے لوگوں کو جانے دے تاکہ وہ بیابان میں میرے لِئے عِید کریں۔

2 فِرعو ن نے کہا کہ خُداوند کَون ہے کہ مَیں اُس کی بات کو مان کر بنی اِسرائیل کو جانے دُوں؟ مَیں خُداوند کو نہیں جانتا اور مَیں بنی اِسرائیل کو جانے بھی نہیں دُوں گا۔

3 تب اُنہوں نے کہا کہ عِبرانیوں کا خُدا ہم سے مِلا ہے سو ہم کو اِجازت دے کہ ہم تِین دِن کی منزل بیابان میں جا کر خُداوند اپنے خُدا کے لِئے قُربانی کریں تا نہ ہو کہ وہ ہم میں وبا بھیج دے یا ہم کو تلوار سے مَروا دے۔

4 تب مِصر کے بادشاہ نے اُن کو کہا اَے مُوسیٰ اور اَے ہارُون تُم کیوں اِن لوگوں کو اِن کے کام سے چُھڑواتے ہو؟ تُم جا کر اپنے اپنے بوجھ کو اُٹھاؤ۔

5 اور فِرعو ن نے یہ بھی کہا دیکھو یہ لوگ اِس مُلک میں بُہت ہو گئے ہیں اور تُم اِن کو اِن کے کام سے بِٹھاتے ہو۔

6 اور اُسی دِن فِرعو ن نے بیگار لینے والوں اور سرداروں کو جو لوگوں پر تھے حُکم کِیا۔

7 کہ اب آگے کو تُم اِن لوگوں کو اِینٹیں بنانے کے لِئے بُھس نہ دینا جَیسے اب تک دیتے رہے ۔ وہ خُود ہی جا کر اپنے لِئے بُھس بٹوریں۔

8 اور اِن سے اُتنی ہی اِینٹیں بنوانا جِتنی وہ اب تک بناتے آئے ہیں ۔ تُم اُس میں سے کُچھ نہ گھٹانا کیونکہ وہ کاہِل ہو گئے ہیں ۔ اِسی لِئے چِلاّ چِلاّ کر کہتے ہیں کہ ہم کو جانے دو کہ ہم اپنے خُدا کے لِئے قُربانی کریں۔

9 سو اِن سے زِیادہ سخت محِنت لی جائے تاکہ کام میں مشغُول رہیں اور جُھوٹی باتوں سے دِل نہ لگائیں۔

10 تب بیگار لینے والوں اور سرداروں نے جو لوگوں پر تھے جا کر اُن سے کہا کہ فِرعو ن کہتا ہے مَیں تُم کو بُھس نہیں دینے کا۔

11 تُم خُود ہی جاؤ اور جہاں کہِیں تُم کو بُھس ملے وہاں سے لاؤ کیونکہ تُمہارا کام کُچھ بھی گھٹایا نہیں جائے گا۔

12 چُنانچہ وہ لوگ تمام مُلکِ مِصر میں مارے مارے پِھرنے لگے کہ بُھس کے عوِض کُھونٹی جمع کریں۔

13 اور بیگار لینے والے یہ کہہ کر جلدی کراتے تھے کہ تُم اپنا روز کا کام جَیسے بُھس پا کر کرتے تھے اب بھی کرو۔

14 اور بنی اِسرائیل میں سے جو جو فِرعو ن کے بیگار لینے والوں کی طرف سے اِن لوگوں پر سردار مُقرّر ہُوئے تھے اُن پر مار پڑی اور اُن سے پُوچھا گیا کہ کیا سبب ہے کہ تُم نے پہلے کی طرح آج اور کل پُوری پُوری اِینٹیں نہیں بنوائیں؟۔

15 تب اُن سرداروں نے جو بنی اِسرائیل میں سے مُقرّر ہُوئے تھے فِرعو ن کے آگے جا کر فریاد کی اور کہا کہ تُو اپنے خادِموں سے اَیسا سلُوک کیوں کرتا ہے؟۔

16 تیرے خادِموں کو بُھس تو دِیا نہیں جاتا اور وہ ہم سے کہتے رہتے ہیں کہ اِینٹیں بناؤ اور دیکھ تیرے خادِم مار بھی کھاتے ہیں پر قصُور تیرے لوگوں کا ہے۔

17 اُس نے کہا تُم سب کاہِل ہو کاہِل ۔ اِسی لِئے تُم کہتے ہو کہ ہم کو جانے دے کہ خُداوند کے لِئے قُربانی کریں۔

18 سو اب تُم جاؤ کام کرو کیونکہ بُھس تُم کو نہیں مِلے گا اور اِینٹوں کو تُمہیں اُسی حِساب سے دینا پڑے گا۔

19 جب بنی اِسرائیل کے سرداروں سے یہ کہا گیا کہ تُم اپنی اِینٹوں اور روزمرّہ کے کام میں کُچھ بھی کمی نہیں کرنے پاؤ گے تو وہ جان گئے کہ وہ کیسے وبال میں پھنسے ہُوئے ہیں۔

20 جب وہ فِرعو ن کے پاس سے نِکلے آرہے تھے تو اُن کو مُوسیٰ اور ہارُون مُلاقات کے لِئے راستہ پر کھڑے مِلے۔

21 تب اُنہوں نے اُن سے کہا کہ خُداوند ہی دیکھے اور تُمہارا اِنصاف کرے کیونکہ تُم نے ہم کو فِرعو ن اور اُس کے خادِموں کی نِگاہ میں اَیسا گِھنونا کِیا ہے کہ ہمارے قتل کے لِئے اُن کے ہاتھ میں تلوار دے دی ہے۔

مُوسیٰ خُدا سے شِکایت کرتا ہے

22 تب مُوسیٰ خُداوند کے پاس لَوٹ کر گیا اور کہا کہ اَے خُداوند تُونے اِن لوگوں کو کیوں دُکھ میں ڈالا اور مُجھے کیوں بھیجا؟۔

23 کیونکہ جب سے مَیں فِرعو ن کے پاس تیرے نام سے باتیں کرنے گیا اُس نے اِن لوگوں سے بُرائی ہی بُرائی کی اور تُو نے اپنے لوگوں کو ذرا بھی رہائی نہ بخشی۔

خُرُوج 6

1 تب خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ اب تُو دیکھے گا کہ مَیں فِرعو ن کے ساتھ کیا کرتا ہُوں ۔ تب وہ زورآور ہاتھ کے سبب سے اُن کو جانے دے گا اور زورآور ہاتھ ہی کے سبب سے وہ اُن کو اپنے مُلک سے نِکال دے گا۔

خُدا مُوسیٰ کو طلب کرتا ہے

2 پِھر خُدا نے مُوسیٰ سے کہا مَیں خُداوند ہُوں۔

3 اور مَیں ابرہا م اور اِضحا ق اور یعقُوب کو خُدایِ قادِرِ مُطلق کے طَور پر دِکھائی دِیا لیکن اپنے یہووا ہ نام سے اُن پر ظاہِر نہ ہُؤا۔

4 اور مَیں نے اُن کے ساتھ اپنا عہد بھی باندھا ہے کہ مُلکِ کنعا ن جو اُن کی مُسافرت کا مُلک تھا اور جِس میں وہ پردیسی تھے اُن کو دُوں گا۔

5 اور مَیں نے بنی اِسرائیل کے کراہنے کو بھی سُن کرجِن کو مِصریوں نے غُلامی میں رکھ چھوڑا ہے اپنے اُس عہد کو یاد کِیا ہے۔

6 سو تُو بنی اِسرائیل سے کہہ کہ مَیں خُداوند ہُوں اور مَیں تُم کو مِصریوں کے بوجھوں کے نِیچے سے نِکال لُوں گا ۔ اور مَیں تُم کو اُن کی غُلامی سے آزاد کرُوں گا اور مَیں اپنا ہاتھ بڑھا کر اور اُن کو بڑی بڑی سزائیں دے کر تُم کو رہائی دُوں گا۔

7 اور مَیں تُم کو لے لُوں گا کہ میری قَوم بن جاؤ اور مَیں تُمہارا خُدا ہُوں گا اور تُم جان لو گے کہ مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں جو تُم کو مِصریوں کے بوجھوں کے نِیچے سے نِکالتا ہُوں۔

8 اور جِس مُلک کو ابرہا م اور اِضحا ق اور یعقُوب کو دینے کی قَسم مَیں نے کھائی تھی اُس میں تُم کو پُہنچا کر اُسے تُمہاری مِیراث کر دُوں گا ۔ خُداوند مَیں ہُوں۔

9 اور مُوسیٰ نے بنی اِسرائیل کو یہ باتیں سُنا دِیں پر اُنہوں نے دِل کی کُڑھن اور غُلامی کی سختی کے سبب سے مُوسیٰ کی بات نہ سُنی۔

10 پِھر خُداوند نے مُوسیٰ کو فرمایا۔

11 کہ جا کر مِصر کے بادشاہ فِرعو ن سے کہہ کہ بنی اِسرائیل کو اپنے مُلک میں سے جانے دے۔

12 مُوسیٰ نے خُداوند سے کہا کہ دیکھ بنی اِسرائیل نے تو میری سُنی نہیں ۔ پس مَیں جو نامختُون ہونٹ رکھتا ہُوں فِرعو ن میری کیوں کر سُنے گا؟۔

13 تب خُداوند نے مُوسیٰ اور ہارُو ن کو بنی اِسرائیل اور مِصر کے بادشاہ فِرعو ن کے حق میں اِس مضمُون کا حُکم دِیا کہ وہ بنی اِسرائیل کو مُلکِ مِصر سے نِکال لے جائیں۔

مُوسیٰ اور ہارُون کے خاندان کی رُوداد

14 اُن کے آبائی خاندانوں کے سردار یہ تھے رُوبِن جو اِسرا ئیل کا پہلوٹھا تھا ۔ اُس کے بیٹے حنُوک اور فلُّو اور حسرو ن اور کَرمی تھے ۔ یہ رُوبِن کے گھرانے تھے۔

15 بنی شمعُون یہ تھے ۔ یمو ئیل اور یمین اور اُہد اور یکین اورصُحر اور ساؤُ ل جو ایک کنعانی عَورت سے پَیدا ہُؤا تھا ۔ یہ شمعُو ن کے گھرانے تھے۔

16 اور بنی لاوی جِن سے اُن کی نسل چلی اُن کے نام یہ ہیں ۔ جیرسون اور قہا ت اور مرار ی ۔ اور لاو ی کی عُمر ایک سو سَینتِیس برس کی ہُوئی۔

17 بنی جیرسون لِبنی اور سِمعی تھے ۔ اِن ہی سے اِن کے خاندان چلے۔

18 اور بنی قہا ت عَمرا م اور اِضہار اور حبرو ن اور عُزِّئیل تھے اور قہات کی عُمر ایک سو تَینتِیس برس کی ہُوئی۔

19 اور بنی مراری مَحلی اور مو شی تھے ۔ لاوِیوں کے گھرانے جِن سے اُن کی نسل چلی یِہی تھے۔

20 اور عَمرا م نے اپنے باپ کی بہن یوکبد سے بیاہ کِیا ۔ اُس عَورت کے اُس سے ہارُو ن اور مُوسیٰ پَیدا ہُوئے اور عَمرا م کی عُمر ایک سَو سیَنتِیس برس کی ہُوئی۔

21 بنی اِضہار قورَح اورنفج اور زِکر ی تھے۔

22 اور بنی عُزِّئیلمیسائیل اور الصفن اور ستر ی تھے۔

23 اور ہارُو ن نے نحسون کی بہن عَمّیندا ب کی بیٹی الِیسبَع سے بیاہ کِیا ۔ اُس سے ند ب اور اَبِیہُو اور الیعزر اور اِتمر پَیدا ہُوئے۔

24 اور بنی قورح اَسِّیر اور القنہ اور اَبیا سف تھے اور یہ قورحِیوں کے گھرانے تھے۔

25 اور ہارُو ن کے بیٹے الیعزر نے فوطئیل کی بیٹِیوں میں سے ایک کے ساتھ بیاہ کِیا ۔ اُس سے فِینحا س پَیدا ہُؤا ۔ لاوِیوں کے باپ دادا کے گھرانوں کے سردار جِن سے اُن کے خاندان چلے یِہی تھے۔

26 یہ وہ ہارُو ن اور مُوسیٰ ہیں جِن کو خُداوند نے فرمایا کہ بنی اِسرائیل کو اُن کے جَتھّوں کے مُطابِق مُلکِ مِصر سے نِکال لے جاؤ۔

27 یہ وہ ہیں جنہوں نے مِصر کے بادشاہ فِرعو ن سے کہا کہ ہم بنی اِسرائیل کو مِصر سے نِکال لے جائیں گے ۔ یہ وُہی مُوسیٰ اور ہارُو ن ہیں۔

خُداوند مُوسیٰ اور ہارُون کو حُکم دیتا ہے

28 جب خُداوند نے مُلکِ مِصر میں مُوسیٰ سے باتیں کِیں تو یُوں ہُؤا۔

29 کہ خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا مَیں خُداوند ہُوں ۔ جو کُچھ مَیں تُجھے کہُوں تُو اُسے مِصر کے بادشاہ فِرعو ن سے کہنا۔

30 مُوسیٰ نے خُداوند سے کہا دیکھ میرے تو ہونٹوں کا خَتنہ نہیں ہُؤا ۔ فِرعو ن کیوں کر میری سُنے گا؟۔

خُرُوج 7

1 پِھر خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا دیکھ مَیں نے تُجھے فِرعو ن کے لِئے گویا خُدا ٹھہرایا اور تیرا بھائی ہارُو ن تیرا پَیغمبرہو گا۔

2 جو جو حُکم مَیں تُجھے دُوں سو تُو کہنا اور تیرا بھائی ہارُون اُسے فِرعو ن سے کہے کہ وہ بنی اِسرائیل کو اپنے مُلک سے جانے دے۔

3 اور مَیں فِرعو ن کے دِل کو سخت کرُوں گا اور اپنے نِشان اور عجائب مُلکِ مِصر میں کثرت سے دِکھاؤُں گا۔

4 تَوبھی فِرعو ن تُمہاری نہ سُنے گا ۔ تب مَیں مِصر کو ہاتھ لگاؤُں گا اور اُسے بڑی بڑی سزائیں دے کر اپنے لوگوں بنی اِسرائیل کے جَتھّوں کو مُلکِ مِصر سے نِکال لاؤُں گا۔

5 اور مَیں جب مِصر پر ہاتھ چلاؤُں گا اور بنی اِسرائیل کو اُن میں سے نِکال لاؤُں گا تب مِصری جانیں گے کہ مَیں خُداوند ہُوں۔

6 مُوسیٰ اور ہارُون نے جَیسا خُداوند نے اُن کو حُکم دِیا وَیسا ہی کِیا۔

7 اور مُوسیٰ اسّی برس اور ہارُون تِراسی برس کا تھا جب وہ فِرعو ن سے ہمکلام ہُوئے۔

ہارُون کی لاٹھی

8 اور خُداوند نے مُوسیٰ اور ہارُو ن سے کہا۔

9 کہ جب فِرعو ن تُم کو کہے کہ اپنا مُعجِزہ دِکھاؤ تو ہارُو ن سے کہنا کہ اپنی لاٹھی کو لے کر فِرعو ن کے سامنے ڈال دے تاکہ وہ سانپ بن جائے۔

10 اور مُوسیٰ اور ہارُو ن فِرعو ن کے پاس گئے اور اُنہوں نے خُداوند کے حُکم کے مُطابِق کِیا اور ہارُو ن نے اپنی لاٹھی فِرعو ن اور اُس کے خادِموں کے سامنے ڈال دی اور وہ سانپ بن گئی۔

11 تب فِرعو ن نے بھی داناؤں اور جادُوگروں کو بُلوایا اور مِصر کے جادُوگروں نے بھی اپنے جادُو سے اَیسا ہی کِیا۔

12 کیونکہ اُنہوں نے بھی اپنی اپنی لاٹھی سامنے ڈالی اور وہ سانپ بن گئیں لیکن ہارُون کی لاٹھی اُن کی لاٹھیوں کو نِگل گئی۔

13 اور فِرعو ن کا دِل سخت ہو گیا اور جَیسا خُداوند نے کہہ دِیا تھا اُس نے اُن کی نہ سُنی۔

خُون

14 تب خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ فِرعو ن کا دِل مُتعصِّب ہے ۔ وہ اِن لوگوں کو جانے نہیں دیتا۔

15 اب تُو صُبح کو فِرعو ن کے پاس جا ۔ وہ دریا پر جائے گا ۔ سو تُو لبِ دریا اُس کی مُلاقات کے لِئے کھڑا رہنا اور جو لاٹھی سانپ بن گئی تھی اُسے ہاتھ میں لے لینا۔

16 اور اُس سے کہنا کہ خُداوند عِبرانیوں کے خُدا نے مُجھے تیرے پاس یہ کہنے کو بھیجا ہے کہ میرے لوگوں کو جانے دے تاکہ وہ بیابان میں میری عِبادت کریں اور اب تک تُو نے کُچھ سماعت نہیں کی۔

17 پس خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ تُو اِسی سے جان لے گا کہ مَیں خُداوند ہُوں ۔ دیکھ مَیں اپنے ہاتھ کی لاٹھی کو دریا کے پانی پر مارُوں گا اور وہ خُون ہو جائے گا۔

18 اور جو مچھلیاں دریا میں ہیں مَر جائیں گی اور دریا سے تعفُّن اُٹھے گا اور مِصریوں کو دریا کا پانی پِینے سے کراہِیّت ہو گی۔

19 اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ ہارُون سے کہہ اپنی لاٹھی لے اور مِصر میں جِتنا پانی ہے یعنی دریاؤں اور نہروں اور جِھیلوں اور تالابوں پر اپنا ہاتھ بڑھا تاکہ وہ خُون بن جائیں اور سارے مُلکِ مِصر میں پتّھر اور لکڑی کے برتنوں میں بھی خُون ہی خُون ہو گا۔

20 اور مُوسیٰ اور ہارُو ن نے خُداوند کے حُکم کے مُطابِق کِیا ۔ اُس نے لاٹھی اُٹھا کر اُسے فِرعو ن اور اُس کے خادِموں کے سامنے دریا کے پانی پر مارا اور دریا کا پانی سب خُون ہو گیا۔

21 اور دریا کی مچھلیاں مَر گئیں اور دریا سے تعفُّن اُٹھنے لگا اور مِصری دریا کا پانی پی نہ سکے اور تمام مُلکِ مِصر میں خُون ہی خُون ہو گیا۔

22 تب مِصر کے جادُوگروں نے بھی اپنے جادُو سے اَیسا ہی کِیا پر فِرعو ن کا دِل سخت ہو گیا اور جَیسا خُداوند نے کہہ دِیا تھا اُس نے اُن کی نہ سُنی۔

23 اور فِرعو ن لَوٹ کر اپنے گھر چلا گیا اور اُس کے دِل پر کُچھ اثر نہ ہُؤا۔

24 اور سب مِصریوں نے دریا کے آس پاس پِینے کے پانی کے لِئے کُنوئیں کھود ڈالے کیونکہ وہ دریا کا پانی نہیں پی سکتے تھے۔

25 اور جب سے خُداوند نے دریا کو مارا اُس کے بعد سات دِن گُذرے۔

خُرُوج 8

مینڈک

1 پِھر خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ فِرعو ن کے پاس جا اور اُس سے کہہ خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ میرے لوگوں کو جانے دے تاکہ وہ میری عِبادت کریں۔

2 اور اگر تُو اُن کو جانے نہ دے گا تو دیکھ مَیں تیرے مُلک کو مینڈکوں سے مارُوں گا۔

3 اور دریا بے شُمار مینڈکوں سے بھر جائے گا اور وہ آکر تیرے گھر میں اور تیری آرام گاہ میں اور تیرے پلنگ پر اور تیرے مُلازموں کے گھروں میں اور تیری رعیّت پر اور تیرے تنُوروں اور آٹا گوندھنے کے لگنوں میں گُھستے پِھریں گے۔

4 اور تُجھ پر اور تیری رعیّت اور تیرے نوکروں پر چڑھ جائیں گے۔

5 اور خُداوند نے مُوسیٰ کو فرمایا کہ ہارُو ن سے کہہ اپنی لاٹھی لے کر اپنا ہاتھ دریاؤں اور نہروں اور جِھیلوں پر بڑھا اور مینڈکوں کو مُلکِ مِصر پر چڑھالا۔

6 چُنانچہ جِتنا پانی مِصر میں تھا اُس پر ہارُو ن نے اپنا ہاتھ بڑھایا اور مینڈک چڑھ آئے اور مُلکِ مِصر کو ڈھانک لِیا۔

7 اور جادُوگروں نے بھی اپنے جادُو سے اَیسا ہی کِیا اور مُلکِ مِصر پر مینڈک چڑھا لائے۔

8 تب فِرعو ن نے مُوسیٰ اور ہارُو ن کو بُلوا کر کہا کہ خُداوند سے شِفاعت کرو کہ مینڈکوں کو مُجھ سے اور میری رعیّت سے دَفع کرے اور مَیں اِن لوگوں کو جانے دُوں گا تاکہ وہ خُداوند کے لِئے قُربانی کریں۔

9 مُوسیٰ نے فِرعو ن سے کہا تُجھے مُجھ پر یِہی فخر رہے! مَیں تیرے اور تیرے نوکروں اور تیری رعیّت کے واسطے کب کے لِئے شِفاعت کرُوں کہ مینڈک تُجھ سے اور تیرے گھروں سے دَفع ہوں اور دریا ہی میں رہیں؟۔

10 اُس نے کہا کل کے لِئے ۔

تب اُس نے کہا تیرے ہی کہنے کے مُطابِق ہو گا تاکہ تُو جانے کہ خُداوند ہمارے خُدا کی مانِند کوئی نہیں۔

11 اور مینڈک تُجھ سے اور تیرے گھروں سے اور تیرے نوکروں سے اور تیری رعیّت سے دُور ہو کر دریا ہی میں رہا کریں گے۔

12 پِھرمُوسیٰ اور ہارُو ن فِرعو ن کے پاس سے نِکل کر چلے گئے اور مُوسیٰ نے خُداوند سے مینڈکوں کے بارے میں جو اُس نے فِرعو ن پر بھیجے تھے فریاد کی۔

13 اور خُداوند نے مُوسیٰ کی درخواست کے مُوافِق کِیا اور سب گھروں اور صحنوں اور کھیتوں کے مینڈک مَر گئے۔

14 اور لوگوں نے اُن کو جمع کر کر کے اُن کے ڈھیر لگا دِئے اور زمِین سے بدبُو آنے لگی۔

15 پر جب فِرعو ن نے دیکھا کہ چُھٹکارا مِل گیا تو اُس نے اپنا دِل سخت کر لِیا اور جَیسا خُداوند نے کہہ دِیا تھا اُن کی نہ سُنی۔

جُوئیں

16 تب خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا ہارُو ن سے کہہ اپنی لاٹھی بڑھا کر زمِین کی گَرد کو مار تاکہ وہ تمام مُلکِ مِصر میں جُوئیں بن جائے۔

17 اُنہوں نے اَیسا ہی کِیا اور ہارُو ن نے اپنی لاٹھی لے کر اپنا ہاتھ بڑھایا اور زمِین کی گَرد کو مارا اور اِنسان اور حَیوان پر جُوئیں ہو گئیں اور تمام مُلکِ مِصر میں زمِین کی ساری گَرد جُوئیں بن گئی۔

18 اور جادُوگروں نے کوشِش کی کہ اپنے جادُو سے جُوئیں پَیدا کریں پر نہ کر سکے اور اِنسان اور حَیوان دونوں پر جُوئیں چڑھی رہِیں۔

19 تب جادُوگروں نے فِرعو ن سے کہا کہ یہ خُدا کا کام ہے پر فِرعون کا دِل سخت ہو گیا اور جَیسا خُداوند نے کہہ دِیا تھا اُس نے اُن کی نہ سُنی۔

مچھّر

20 تب خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا صُبح سویرے اُٹھ کر فِرعو ن کے آگے جا کھڑا ہونا ۔ وہ دریا پر آئے گا ۔ سو تُو اُس سے کہنا خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ میرے لوگوں کو جانے دے کہ وہ میری عِبادت کریں۔

21 ورنہ اگر تُو اُن کو جانے نہ دے گا تو دیکھ مَیں تُجھ پر اور تیرے نوکروں اور تیری رعیّت پر اور تیرے گھروں میں مچّھروں کے غول کے غول بھیجُوں گا اور مِصریوں کے گھر اور تمام زمِین جہاں جہاں وہ ہیں مچّھروں کے غولوں سے بھر جائے گی۔

22 اور مَیں اُس دِن جشن کے علاقہ کو جِس میں میرے لوگ رہتے ہیں جُدا کرُوں گا اور اُس میں مچّھروں کے غول نہ ہوں گے تاکہ تُو جان لے کہ دُنیا میں خُداوند مَیں ہی ہُوں۔

23 اور مَیں اپنے لوگوں اور تیرے لوگوں میں فرق کرُوں گا اور کل تک یہ نِشان ظہُور میں آئے گا۔

24 چُنانچہ خُداوند نے اَیسا ہی کِیا اور فِرعو ن کے گھر اور اُس کے نوکروں کے گھروں اور سارے مُلکِ مِصر میں مچّھروں کے غول کے غول بھر گئے اور اِن مچّھروں کے غولوں کے سبب سے مُلک کا ناس ہو گیا۔

25 تب فِرعو ن نے مُوسیٰ اور ہارُو ن کو بُلوا کر کہا کہ تُم جاؤ اور اپنے خُدا کے لِئے اِسی مُلک میں قُربانی کرو۔

26 مُوسیٰ نے کہا اَیسا کرنا مناسب نہیں کیونکہ ہم خُداوند اپنے خُدا کے لِئے اُس چِیز کی قُربانی کریں گے جِس سے مِصری نفرت رکھتے ہیں ۔ سو اگر ہم مِصریوں کی آنکھوں کے آگے اُس چِیز کی قُربانی کریں جِس سے وہ نفرت رکھتے ہیں تو کیا وہ ہم کو سنگسار نہ کر ڈالیں گے؟۔

27 پس ہم تِین دِن کی راہ بیابان میں جا کر خُداوند اپنے خُدا کے لِئے جَیسا وہ ہم کو حُکم دے گا قُربانی کریں گے۔

28 فِرعو ن نے کہا مَیں تُم کو جانے دُوں گا تاکہ تم خُداوند اپنے خُدا کے لِئے بیابان میں قُربانی کرو لیکن تُم بُہت دُور مت جانا اور میرے لِئے شِفاعت کرنا۔

29 مُوسیٰ نے کہا دیکھ مَیں تیرے پاس سے جا کر خُداوند سے شِفاعت کرُوں گا کہ مچّھروں کے غول فِرعو ن اور اُس کے نوکروں اور اُس کی رعیّت کے پاس سے کل ہی دُورہو جائیں فقط اِتنا ہو کہ فِرعو ن آگے کو دغا کر کے لوگوں کو خُداوند کے لِئے قُربانی کرنے کو جانے دینے سے اِنکار نہ کر دے۔

30 اور مُوسیٰ نے فِرعو ن کے پاس سے جا کر خُداوند سے شِفاعت کی۔

31 خُداوند نے مُوسیٰ کی درخواست کے مُوافِق کِیا اور اُس نے مچّھروں کے غولوں کو فِرعو ن اور اُس کے نوکروں اور اُس کی رعیّت کے پاس سے دُور کر دِیا یہاں تک کہ ایک بھی باقی نہ رہا۔

32 پر فِرعو ن نے اِس بار بھی اپنا دِل سخت کر لِیا اور اُن لوگوں کو جانے نہ دِیا۔

خُرُوج 9

مویشیوں میں مَری

1 تب خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا فِرعو ن کے پاس جا کر اُس سے کہہ کہ خُداوند عِبرانیوں کا خُدا یُوں فرماتاہے کہ میرے لوگوں کو جانے دے تاکہ وہ میری عِبادت کریں۔

2 کیونکہ اگر تُو اِنکار کرے اور اُن کو جانے نہ دے اور اب بھی اُن کو روکے رکھّے۔

3 تو دیکھ خُداوند کا ہاتھ تیرے چَوپایوں پر جو کھیتوں میں ہیں یعنی گھوڑوں گدھوں اُونٹوں گائے بَیلوں اور بھیڑ بکرِیوں پر اَیسا پڑے گا کہ اُن میں بڑی بھاری مَری پَھیل جائے گی۔

4 اور خُداوند اِسرا ئیل کے چَوپایوں کو مِصریوں کے چَوپایوں سے جُدا کرے گا اور جو بنی اِسرائیل کے ہیں اُن میں سے ایک بھی نہیں مَرے گا۔

5 اور خُداوند نے ایک وقت مُقرّر کر دِیا اور بتا دِیا کہ کل خُداوند اِس مُلک میں یِہی کام کرے گا۔

6 اور خُداوند نے دُوسرے دِن اَیسا ہی کِیا اور مِصریوں کے سب چَوپائے مَر گئے لیکن بنی اِسرائیل کے چَوپایوں میں سے ایک بھی نہ مَرا۔

7 چُنانچہ فِرعو ن نے آدمی بھیجے تو معلُوم ہُؤا کہ اِسرائیلیوں کے چَوپایوں میں سے ایک بھی نہیں مَرا ہے لیکن فِرعو ن کا دِل مُتعصِّب تھا اور اُس نے لوگوں کو جانے نہ دِیا۔

پھوڑے اور پَھپھُولے

8 اور خُداوند نے مُوسیٰ اور ہارُو ن سے کہا کہ تُم دونوں بھٹّی کی راکھ اپنی مُٹّھیوں میں لے لو اور مُوسیٰ اُسے فِرعو ن کے سامنے آسمان کی طرف اُڑا دے۔

9 اور وہ سارے مُلکِ مِصر میں بارِیک گرد ہو کر مِصر کے آدمِیوں اور جانوروں کے جِسم پر پھوڑے اور پھپھولے بن جائے گی۔

10 سو وہ بھٹّی کی راکھ لے کر فِرعو ن کے آگے جا کھڑے ہُوئے اور مُوسیٰ نے اُسے آسمان کی طرف اُڑا دِیا اور وہ آدمِیوں اور جانوروں کے جِسم پر پھوڑے اور پھپھولے بن گئی۔

11 اور جادُوگر پھوڑوں کے سبب سے مُوسیٰ کے آگے کھڑے نہ رہ سکے کیونکہ جادُوگروں اور سب مِصریوں کے پھوڑے نِکلے ہُوئے تھے۔

12 اور خُداوند نے فِرعو ن کے دِل کو سخت کر دِیا اور اُس نے جَیسا خُداوند نے مُوسیٰ سے کہہ دِیا تھا اُن کی نہ سُنی۔

اَولے

13 پِھر خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ صُبح سویرے اُٹھ کر فِرعو ن کے آگے جا کھڑا ہو اور اُسے کہہ کہ خُداوند عِبرانیوں کا خُدا یُوں فرماتا ہے کہ میرے لوگوں کو جانے دے تاکہ وہ میری عِبادت کریں۔

14 کیونکہ مَیں اب کی بار اپنی سب بلائیں تیرے دِل اور تیرے نوکروں اور تیری رعیّت پر نازِل کرُوں گا تاکہ تُو جان لے کہ تمام دُنیا میں میری مانِند کوئی نہیں ہے۔

15 اور مَیں نے تو ابھی ہاتھ بڑھا کر تُجھے اور تیری رعیّت کو وبا سے مارا ہوتا اور تُو زمِین پر سے ہلاک ہو جاتا۔

16 پر مَیں نے تُجھے فی الحقِیت اِس لِئے قائِم رکھّا ہے کہ اپنی قُوّت تُجھے دِکھاؤُں تاکہ میرا نام ساری دُنیا میں مشہُور ہو جائے۔

17 کیا تُو اب بھی میرے لوگوں کے مقابلہ میں تکبُّر کرتا ہے کہ اُن کو جانے نہیں دیتا ؟۔

18 دیکھ مَیں کل اِسی وقت اَیسے بڑے بڑے اَولے برساؤُں گا جو مِصر میں جب سے اُس کی بُنیاد ڈالی گئی آج تک نہیں پڑے۔

19 پس آدمی بھیج کر اپنے چَوپایوں کو اور جو کُچھ تیرا مال کھیتوں میں ہے اُس کو اندر کر لے کیونکہ جِتنے آدمی اور جانور مَیدان میںہوں گے اور گھر میں نہیں پُہنچائے جائیں گے اُن پر اَولے پڑیں گے اور وہ ہلاک ہو جائیں گے۔

20 سو فِرعو ن کے خادِموں میں جو جو خُداوند کے کلام سے ڈرتا تھا وہ اپنے نوکروں اور چَوپایوں کو گھر میں بھگا لے آیا۔

21 اور جِنہوں نے خُداوند کے کلام کا لحِاظ نہ کِیا اُنہوں نے اپنے نوکروں اور چَوپایوں کو مَیدان میں رہنے دِیا۔

22 اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ اپنا ہاتھ آسمان کی طرف بڑھا تاکہ سب مُلکِ مِصر میں اِنسان اور حَیوان اور کھیت کی سبزی پر جو مُلکِ مِصر میں ہے اَولے گِریں۔

23 اور مُوسیٰ نے اپنی لاٹھی آسمان کی طرف اُٹھائی اور خُداوند نے رَعد اور اَولے بھیجے اور آگ زمِین تک آنے لگی اور خُداوند نے مُلکِ مِصر پر اَولے برسائے۔

24 پس اَولے گِرے اور اَولوں کے ساتھ آگ مِلی ہُوئی تھی اور وہ اَولے اَیسے بھاری تھے کہ جب سے مِصری قَوم آباد ہُوئی اَیسے اَولے مُلک میں کبھی نہیں پڑے تھے۔

25 اور اَولوں نے سارے مُلکِ مِصر میں اُن کو جو مَیدان میں تھے کیا اِنسان کیا حَیوان سب کو مارا اور کھیتوں کی ساری سبزی کو بھی اَولے مار گئے اور مَیدان کے سب درختوں کو توڑ ڈالا۔

26 مگر جشن کے علاقہ میں جہاں بنی اِسرائیل رہتے تھے اَولے نہیں گِرے۔

27 تب فِرعو ن نے مُوسیٰ اور ہارُو ن کو بُلوا کر اُن سے کہا کہ مَیں نے اِس دفعہ گُناہ کِیا ۔ خُداوند صادِق ہے اور مَیں اور میری قَوم ہم دونوں بدکار ہیں۔

28 خُداوند سے شِفاعت کرو کیونکہ یہ زور کا گرجنا اور اَولوں کا برسنا بُہت ہو چُکا اور مَیں تُم کو جانے دُوں گا اور تُم اب رُکے نہیں رہو گے۔

29 تب مُوسیٰ نے اُسے کہا کہ مَیں شہر سے باہر نِکلتے ہی خُداوند کے آگے ہاتھ پَھیلاؤُں گا اور رَعد مَوقُوف ہو جائے گا اور اَولے بھی پِھر نہ پڑیں گے تاکہ تُو جان لے کہ دُنیا خُداوند ہی کی ہے۔

30 لیکن مَیں جانتا ہُوں کہ تُو اور تیرے نوکر اب بھی خُداوند خُدا سے نہیں ڈرو گے۔

31 پس سَن اور جَو کو تو اَولے مار گئے کیونکہ جَو کی بالیں نِکل چُکی تھیں اور سَن میں پُھول لگے ہُوئے تھے۔

32 پر گیہُوں اور کٹھیا گیہُوں مارے نہ گئے کیونکہ وہ بڑھے نہ تھے۔

33 اور مُوسیٰ نے فِرعو ن کے پاس سے شہر کے باہر جا کر خُداوند کے آگے ہاتھ پَھیلائے ۔ سو رَعد اور اَولے مَوقُوف ہو گئے اور زمِین پر بارِش تھم گئی۔

34 جب فِرعو ن نے دیکھا کہ مینہہ اور اَولے اور رَعد مَوقُوف ہو گئے تو اُس نے اور اُس کے خادِموں نے اور زِیادہ گُناہ کِیا کہ اپنا دِل سخت کر لِیا۔

35 اور فِرعو ن کا دِل سخت ہو گیا اور اُس نے بنی اِسرائیل کو جَیسا خُداوند نے مُوسیٰ کی معرفت کہہ دِیا تھا جانے نہ دِیا۔

خُرُوج 10

ٹِڈّیاں

1 اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ فِرعو ن کے پاس جا کیونکہ مَیں ہی نے اُس کے دِل اور اُس کے نوکروں کے دِل کو سخت کر دِیا ہے تاکہ مَیں اپنے یہ نِشان اُن کے بِیچ دِکھاؤُں۔

2 اور تُو اپنے بیٹے اور اپنے پوتے کو میرے نِشان اور وہ کام جو مَیں نے مِصر میں اُن کے درمیان کِئے سُنائے اور تُم جان لو کہ خُداوند مَیں ہی ہُوں۔

3 اور مُوسیٰ اور ہارُو ن نے فِرعو ن کے پاس جا کر اُس سے کہا کہ خُداوند عِبرانیوں کا خُدا یُوں فرماتا ہے کہ تُو کب تک میرے سامنے نِیچا بننے سے اِنکار کرے گا؟ میرے لوگوں کو جانے دے کہ وہ میری عِبادت کریں۔

4 ورنہ اگر تُو میرے لوگوں کو جانے نہ دے گا تو دیکھ کل مَیں تیرے مُلک میںٹِڈّیاں لے آؤُں گا۔

5 اور وہ زمِین کی سطح کو اَیسا ڈھانک لیں گی کہ کوئی زمِین کو دیکھ بھی نہ سکے گا اور تُمہارا جو کُچھ اَولوں سے بچ رہا ہے وہ اُسے کھا جائیں گی اور تُمہارے جِتنے درخت مَیدان میں لگے ہیں اُن کو بھی چٹ کر جائیں گی۔

6 اور وہ تیرے اور تیرے نوکروں بلکہ سب مِصریوں کے گھروں میں بھر جائیں گی اور اَیسا تیرے آبا و اجداد نے جب سے وہ پَیدا ہُوئے اُس وقت سے آج تک نہیں دیکھا ہو گا اور وہ لَوٹ کر فِرعو ن کے پاس سے چلا گیا۔

7 تب فِرعو ن کے نوکر فِرعو ن سے کہنے لگے کہ یہ شخص کب تک ہمارے لِئے پھندا بنا رہے گا؟ اِن لوگوں کو جانے دے تاکہ وہ خُداوند اپنے خُدا کی عِبادت کریں ۔ کیا تُجھے خبر نہیں کہ مِصر برباد ہو گیا؟۔

8 تب مُوسیٰ اور ہارُو ن فِرعو ن کے پاس پِھر بُلا لِئے گئے اور اُس نے اُن کو کہا کہ جاؤ اور خُداوند اپنے خُدا کی عِبادت کرو پر وہ کَون کَون ہیں جو جائیں گے؟۔

9 مُوسیٰ نے کہا کہ ہم اپنے جوانوں اور بُڈّھوں اور اپنے بیٹوں اور بیٹیوں اور اپنی بھیڑ بکرِیوں اور اپنے گائے بَیلوں سمیت جائیں گے کیونکہ ہم کو اپنے خُدا کی عِید کرنی ہے۔

10 تب اُس نے اُن کو کہا کہ خُداوند ہی تُمہارے ساتھ رہے ۔ مَیں تو ضرُور ہی تُم کو بچّوں سمیت جانے دُوں گا ۔ خبردار ہو جاؤ ۔ اِس میں تُمہاری خرابی ہے۔

11 نہیں ۔ اَیسا نہیں ہونے پائے گا ۔ سو تُم مَرد ہی مَرد جا کر خُداوند کی عِبادت کرو کیونکہ تُم یہی چاہتے تھے اور وہ فِرعو ن کے پاس سے نِکال دِئے گئے۔

12 تب خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ مُلکِ مِصر پر اپنا ہاتھ بڑھا تاکہ ٹِڈّیاں مُلکِ مِصر پر آئیں اور ہر قِسم کی سبزی کو جو اِس مُلک میں اَولوں سے بچ رہی ہے چَٹ کر جائیں۔

13 پس مُوسیٰ نے مُلکِ مِصر پر اپنی لاٹھی بڑھائی اور خُداوند نے اُس سارے دِن اور ساری رات پُروا آندھی چلائی اور صُبح ہوتے ہوتے پُروا آندھی ٹِڈّیاں لے آئی۔

14 اور ٹِڈّیاں سارے مُلکِ مِصر پر چھا گئیں اور وہیں مِصر کی حُدُود میں بسیرا کِیا اور اُن کا دَل اَیسا بھاری تھا کہ نہ تو اُن سے پہلے اَیسی ٹِڈّیاں کبھی آئیں نہ اُن کے بعد پِھر آئیں گی۔

15 کیونکہ اُنہوں نے تمام رُویِ زمِین کو ڈھانک لِیا اَیسا کہ مُلک میں اندھیرا ہو گیا اور اُنہوں نے اُس مُلک کی ایک ایک سبزی کو اور درختوں کے میووں کو جو اَولوں سے بچ گئے تھے چَٹ کر لِیا اور مُلکِ مِصر میں نہ تو کِسی درخت کی نہ کھیت کی کِسی سبزی کی ہریالی باقی رہی۔

16 تب فِرعو ن نے جلد مُوسیٰ اور ہارُو ن کو بُلوا کر کہا کہ مَیں خُداوند تُمہارے خُدا کا اور تُمہارا گُنہگار ہُوں۔

17 سو فقط اِس بار میرا گُناہ بخشو اور خُداوند اپنے خُدا سے شِفاعت کرو کہ وہ صِرف اِس مَوت کو مُجھ سے دُور کر دے۔

18 سو اُس نے فِرعو ن کے پاس سے نِکل کر خُداوند سے شِفاعت کی۔

19 اور خُداوند نے پچھوا آندھی بھیجی جو ٹِڈّیوں کو اُڑا کر لے گئی اور اُن کو بحرِ قُلز م میں ڈال دِیا اور مِصر کی حُدُود میں ایک ٹِڈّی بھی باقی نہ رہی۔

20 پر خُداوند نے فِرعو ن کے دِل کو سخت کر دِیا اور اُس نے بنی اِسرائیل کو جانے نہ دِیا۔

تارِیکی

21 پِھر خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ اپنا ہاتھ آسمان کی طرف بڑھا تاکہ مُلکِ مِصر میں تارِیکی چھا جائے ۔ اَیسی تارِیکی جِسے ٹٹول سکیں۔

22 اور مُوسیٰ نے اپنا ہاتھ آسمان کی طرف بڑھایا اور تِین دِن تک سارے مُلکِ مِصر میں گہری تارِیکی رہی۔

23 تِین دِن تک نہ تو کِسی نے کِسی کو دیکھا اور نہ کوئی اپنی جگہ سے ہِلاپر سب بنی اِسرائیل کے مکانوں میں اُجالا رہا۔

24 تب فِرعو ن نے مُوسیٰ کو بُلوا کر کہا کہ تُم جاؤ اور خُداوند کی عِبادت کرو ۔ فقط اپنی بھیڑ بکرِیوں اور گائے بَیلوں کو یہِیں چھوڑ جاؤ اور جو تُمہارے بال بچّے ہیں اُن کو بھی ساتھ لیتے جاؤ۔

25 مُوسیٰ نے کہا کہ تُجھے ہم کو قُربانیوں اور سوختنی قُربانیوں کے لِئے جانور دینے پڑیں گے تاکہ ہم خُداوند اپنے خُدا کے آگے قُربانی کریں۔

26 سو ہمارے چَوپائے بھی ہمارے ساتھ جائیں گے اور اُن کا ایک کُھر تک بھی پِیچھے نہیں چھوڑا جائے گا کیونکہ اُن ہی میں سے ہم کو خُداوند اپنے خُدا کی عِبادت کا سامان لینا پڑے گا اور جب تک ہم وہاں پُہنچ نہ جائیں ہم نہیں جانتے کہ کیا کیا لے کر ہم کو خُداوند کی عِبادت کرنی ہو گی۔

27 لیکن خُداوند نے فِرعو ن کے دِل کو سخت کر دِیا اور اُس نے اُن کو جانے ہی نہ دِیا۔

28 اور فِرعو ن نے اُسے کہا میرے سامنے سے چلا جا اور ہوشیار رہ ۔ پِھر میرا مُنہ دیکھنے کو مت آنا کیونکہ جِس دِن تُو نے میرا مُنہ دیکھا تُو مارا جائے گا۔

29 تب مُوسیٰ نے کہا کہ تُو نے ٹِھیک کہا ہے ۔ مَیں پِھر تیرا مُنہ کبھی نہیں دیکھوں گا۔

خُرُوج 11

مُوسیٰ پہلَوٹھوں کی ہلاکت کا اِعلان کرتا ہے

1 اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ مَیں فِرعو ن اور مِصریوں پر ایک بلا اَور لاؤُں گا ۔ اُس کے بعد وہ تُم کو یہاں سے جانے دے گا اور جب وہ تُم کو جانے دے گا تو یقِیناً تُم سب کو یہاں سے بِالکُل نِکال دے گا۔

2 سو اب تُو لوگوں کے کان میں یہ بات ڈال دے کہ اُن میں سے ہر شخص اپنے پڑوسی اور ہر عَورت اپنی پڑوسن سے سونے چاندی کے زیور لے۔

3 اور خُداوند نے اُن لوگوں پر مِصریوں کو مِہربان کر دِیا اور یہ آدمی مُوسیٰ بھی مُلکِ مِصر میں فِرعو ن کے خادِموں کے نزدِیک اور اُن لوگوں کی نِگاہ میں بڑا بزُرگ تھا۔

4 اور مُوسیٰ نے کہا کہ خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ مَیں آدھی رات کو نِکل کر مِصر کے بِیچ میں جاؤُں گا۔

5 اور مُلکِ مِصر کے سب پہلَوٹھے فِرعو ن جو تخت پر بَیٹھا ہے اُس کے پہلَوٹھے سے لے کر وہ لَونڈی جو چکّی پِیستی ہے اُس کے پہلَوٹھے تک اور سب چَوپایوں کے پہلَوٹھے مَر جائیں گے۔

6 اور سارے مُلکِ مِصر میں اَیسا بڑا ماتم ہو گا جَیسانہ کبھی پہلے ہُؤا اور نہ پِھر کبھی ہو گا۔

7 لیکن اِسرائیلِیوں میں سے کِسی پر خواہ اِنسان ہو خواہ حَیوان ایک کُتا بھی نہیں بَھونکے گا تاکہ تُم جان لو کہ خُداوند مِصریوں اور اِسرائیلِیوں میں کَیسا فرق کرتا ہے۔

8 اور تیرے یہ سب نوکر میرے پاس آ کر میرے آگے سرنِگُوں ہوں گے اور کہیں گے کہ تُو بھی نِکل اور تیرے سب پَیرو بھی نِکلیں ۔ اِس کے بعد مَیں نِکل جاؤُں گا۔ یہ کہہ کروہ بڑے طَیش میں فِرعو ن کے پاس سے نِکل کر چلا گیا۔

9 اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ فِرعو ن تُمہاری اِسی سبب سے نہیں سُنے گا تاکہ عجائِب مُلکِ مِصر میں بُہت زِیادہ ہو جائیں۔

10 اور مُوسیٰ اور ہارُو ن نے یہ کرامات فِرعو ن کو دِکھائیں اور خُداوند نے فِرعو ن کے دِل کو سخت کر دِیا کہ اُس نے اپنے مُلک سے بنی اِسرائیل کو جانے نہ دِیا۔