احبار 19

پاکِیزگی اور عَدل و اِنصاف کے قوانِین

1 پِھر خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا۔

2 بنی اِسرائیل کی ساری جماعت سے کہہ کہ تُم پاک رہو کیونکہ مَیں جو خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں پاک ہُوں۔

3 تُم میں سے ہر ایک اپنی ماں اور اپنے باپ سے ڈرتا رہے اور تُم میرے سبتوں کو ماننا ۔ مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں۔

4 تُم بُتوں کی طرف رُجوع نہ ہونا اور نہ اپنے لِئے ڈھالے ہُوئے دیوتا بنانا ۔ مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں۔

5 اور جب تُم خُداوند کے حضُور سلامتی کے ذبِیحے گُذرانو تو اُن کو اِس طرح گُذراننا کہ تُم مقبُول ہو۔

6 اور جِس دِن اُسے گُذرانو اُس دِن اور دُوسرے دِن وہ کھایا جائے اور اگر تِیسرے دِن تک کُچھ بچا رہ جائے تو وہ آگ میں جلا دِیا جائے۔

7 اور اگر وہ ذرا بھی تِیسرے دِن کھایا جائے تو مکرُوہ ٹھہرے گا اور مقبُول نہ ہو گا۔

8 بلکہ جو کوئی اُسے کھائے اُس کا گُناہ اُسی کے سر لگے گا کیونکہ اُس نے خُداوند کی پاک چِیز کو نجِس کِیا ۔ سو وہ شخص اپنے لوگوں میں سے کاٹ ڈالا جائے گا۔

9 اور جب تُم اپنی زمِین کی پَیداوار کی فصل کاٹو تو تُو اپنے کھیت کے کونے کونے تک پُورا پُورا نہ کاٹنا اور نہ کٹائی کی گِری پڑی بالوں کو چُن لینا۔

10 اور تُو اپنے انگورِستان کا دانہ دانہ نہ توڑ لینا اور نہ اپنے انگورِستان کے گِرے ہُوئے دانوں کو جمع کرنا۔ اُن کو غرِیبوں اور مُسافِروں کے لِئے چھوڑ دینا ۔ مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں۔

11 تُم چوری نہ کرنا اور نہ دغا دینا اور نہ ایک دُوسرے سے جُھوٹ بولنا۔

12 اور تُم میرا نام لے کر جُھوٹی قَسم نہ کھانا جِس سے تُو اپنے خُدا کے نام کو ناپاک ٹھہرائے ۔ مَیں خُداوند ہُوں۔

13 تُو اپنے پڑوسی پر ظُلم نہ کرنا نہ اُسے لُوٹنا ۔ مزدُور کی مزدُوری تیرے پاس ساری رات صُبح تک رہنے نہ پائے۔

14 تُو بہرے کو نہ کوسنا اور نہ اندھے کے آگے ٹھوکرکھِلانے کی چِیز کو دھرنا بلکہ اپنے خُدا سے ڈرنا ۔ مَیں خُداوندہُوں۔

15 تُم فَیصلہ میں ناراستی نہ کرنا ۔ نہ تو تُو غریب کی رِعایت کرنا اور نہ بڑے آدمی کا لحاظ بلکہ راستی کے ساتھ اپنے ہمسایہ کا اِنصاف کرنا۔

16 تُو اپنی قَوم میں اِدھر اُدھر لُترا پن نہ کرتے پِھرنا اور نہ اپنے ہمسایہ کا خُون کرنے پر آمادہ ہونا ۔ مَیں خُداوند ہُوں۔

17 تُو اپنے دِل میں اپنے بھائی سے بُغض نہ رکھنا اور اپنے ہمسایہ کو ضرُور ڈانٹتے بھی رہنا تاکہ اُس کے سبب سے تیرے سر گُناہ نہ لگے۔

18 تُو اِنتقام نہ لینا اور نہ اپنی قَوم کی نسل سے کِینہ رکھنا بلکہ اپنے ہمسایہ سے اپنی مانِند مُحبّت کرنا ۔ مَیں خُداوند ہُوں۔

19 تُم میری شرِیعتوں کو ماننا ۔ تُو اپنے چَوپایوں کو غَیر جِنس سے بھروانے نہ دینا اور اپنے کھیت میں دو قِسم کے بِیج ایک ساتھ نہ بونا اور نہ تُجھ پر دو قِسم کے مِلے جُلے تار کا کپڑا ہو۔

20 اگر کوئی اَیسی عَورت سے صُحبت کرے جو لَونڈی اور کِسی شخص کی منگیتر ہو اور نہ تو اُس کا فِدیہ ہی دِیا گیا ہو اورنہ وہ آزاد کی گئی ہو تو اُن دونوں کو سزا مِلے لیکن وہ جان سے مارے نہ جائیں ۔ اِس لِئے کہ وہ عَورت آزاد نہ تھی۔

21 اور وہ آدمی اپنے جُرم کی قُربانی کے لِئے خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر خُداوند کے حضُور ایک مینڈھا لائے کہ وہ اُس کے جُرم کی قُربانی ہو۔

22 اور کاہِن اُس کے جُرم کی قُربانی کے مینڈھے سے اُس کے لِئے خُداوند کے حضُور کفّارہ دے ۔ تب جو خطا اُس نے کی ہے وہ اُسے مُعاف کی جائے گی۔

23 اور جب تُم اُس مُلک میں پُہنچ کر قِسم قِسم کے پَھل کے درخت لگاؤ تو تُم اُن کے پَھل کو گویا نامختُون سمجھنا ۔ وہ تُمہارے لِئے تِین برس تک نامختُون کے برابر ہوں اور کھائے نہ جائیں۔

24 اور چَوتھے سال اُن کا سارا پَھل خُداوند کی تمجِید کرنے کے لِئے مُقدّس ہو گا۔

25 تب پانچویں سال سے اُن کا پَھل کھانا تاکہ وہ تُمہارے لِئے اِفراط کے ساتھ پَیدا ہو ۔ مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں۔

26 تُم کِسی چِیز کو خُون سمیت نہ کھانا اور نہ جادُو منتر کرنا نہ شگُون نِکالنا۔

27 تُم اپنے اپنے سرکے گوشوں کو بال کاٹ کر گول نہ بنانا اور نہ تُو اپنی داڑھی کے کونوں کو بِگاڑنا۔

28 تُم مُردوں کے سبب سے اپنے جِسم کو زخمی نہ کرنا اور نہ اپنے اُوپر کُچھ گُدوانا ۔ مَیں خُداوند ہُوں۔

29 تُو اپنی بیٹی کو کسبی بنا کر ناپاک نہ ہونے دینا تا اَیسا نہ ہو کہ مُلک میں رنڈی بازی پَھیل جائے اور سارا مُلک بدکاری سے بھر جائے۔

30 تُم میرے سبتوں کو ماننا اور میرے مَقدِس کی تعظِیم کرنا ۔ مَیں خُداوند ہُوں۔

31 جو جِنّات کے یار ہیں اور جو جادُوگر ہیں تُم اُن کے پاس نہ جانا اور نہ اُن کے طالِب ہونا کہ وہ تُم کو نجِس بنا دیں ۔ مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں۔

32 جِن کے سر کے بال سفید ہیں تُو اُن کے سامنے اُٹھ کھڑے ہونا اور بڑے بُوڑھے کا ادب کرنا اور اپنے خُدا سے ڈرنا۔ مَیں خُداوند ہُوں۔

33 اور اگر کوئی پردیسی تیرے ساتھ تُمہارے مُلک میں بُود و باش کرتا ہو تو تُم اُسے آزار نہ پُہنچانا۔

34 بلکہ جو پردیسی تُمہارے ساتھ رہتا ہو اُسے دیسی کی مانِند سمجھنا بلکہ تُو اُس سے اپنی مانِند مُحبّت کرنا اِس لِئے کہ تُم مُلکِ مِصر میں پردیسی تھے مَیں خُداوند تُمہارا خُد۱ہُوں۔

35 تُم اِنصاف اور پَیمایش اور وزن اور پَیمانہ میں ناراستی نہ کرنا۔

36 ٹھیک ترازُو ۔ ٹھیک باٹ ۔ پُورا اَیفہ اور پُورا ہِین رکھنا ۔ جو تُم کو مُلکِ مِصر سے نِکال کر لایا مَیں ہی ہُوں خُداوند تُمہارا خُدا۔

37 سو تُم میرے سب آئِین اور سب احکام ماننا اور اُن پر عمل کرنا ۔ مَیں خُداوند ہُوں۔

احبار 20

نافرمانی کی سزائیں

1 پِھر خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا۔

2 تُوبنی اِسرائیل سے یہ بھی کہہ دے کہ بنی اِسرائیل میں سے یا اُن پردیسیوں میں سے جو اِسرائیلِیوں کے درمِیان بُود و باش کرتے ہیں جو کوئی شخص اپنی اَولاد میں سے کِسی کو مولک کی نذر کرے وہ ضرُور جان سے ماراجائے ۔ اہلِ مُلک اُسے سنگسار کریں۔

3 اور مَیں بھی اُس شخص کا مُخالِف ہُوں گا اور اُسے اُس کے لوگوں میں سے کاٹ ڈالُوں گا ۔ اِس لِئے کہ اُس نے اپنی اَولاد کو مولک کی نذر کر کے میرے مَقدِس اور میرے پاک نام کو ناپاک ٹھہرایا۔

4 اور اگر اُس وقت جب وہ اپنی اَولاد میں سے کِسی کو مولک کی نذر کرے اہلِ مُلک اُس شخص کی طرف سے چشم پوشی کر کے اُسے جان سے نہ ماریں۔

5 تو مَیں خُود اُس شخص کا اور اُس کے گھرانے کا مُخالِف ہو کر اُس کو اور اُن سبھوں کو جو اُس کی پَیروی میں زِناکار بنیں اور مولک کے ساتھ زِنا کریں اُن کی قَوم میں سے کاٹ ڈالُوں گا۔

6 اور جو شخص جِنّات کے یاروں اور جادُوگروں کے پاس جائے کہ اُن کی پَیروی میں زِنا کرے مَیں اُس کا مُخالِف ہُوں گا اور اُسے اُس کی قَوم میں سے کاٹ ڈالُوں گا۔

7 اِس لِئے تُم اپنے آپ کو مُقدّس کرو اور پاک رہو ۔ مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں۔

8 اور تُم میرے آئِین کو ماننا اور اُس پر عمل کرنا ۔ مَیں خُداوند ہُوں جو تُم کو مُقدّس کرتا ہُوں۔

9 اور جو کوئی اپنے باپ یا اپنی ماں پر لَعنت کرے وہ ضرُور جان سے مارا جائے ۔ اُس نے اپنے باپ یا ماں پر لَعنت کی ہے ۔ سو اُس کا خُون اُسی کی گردن پر ہو گا۔

10 اور جو شخص دُوسرے کی بِیوی سے یعنی اپنے ہمسایہ کی بِیوی سے زِنا کرے وہ زانی اور زانِیہ دونوں ضرُور جان سے مار دِئے جائیں۔

11 اور جو شخص اپنی سَوتیلی ماں سے صُحبت کرے اُس نے اپنے باپ کے بدن کو بے پردہ کِیا ۔ وہ دونوں ضرُور جان سے مارے جائیں ۔ اُن کا خُون اُن ہی کی گردن پر ہو گا۔

12 اور اگر کوئی شخص اپنی بہُو سے صُحبت کرے تو وہ دونوں ضرُور جان سے مارے جائیں ۔ اُنہوں نے اَوندھی بات کی ہے ۔ اُن کا خُون اُن ہی کی گردن پر ہو گا۔

13 اور اگر کوئی مَرد سے صُحبت کرے جَیسے عَورت سے کرتے ہیں تو اُن دونوں نے نِہایت مکرُوہ کام کِیا ہے ۔ سو وہ دونوں ضرُور جان سے مارے جائیں ۔ اُن کا خُون اُن ہی کی گردن پر ہو گا۔

14 اور اگر کوئی شخص اپنی بِیوی اور اپنی ساس دونوں کو رکھّے تو یہ بڑی خباثت ہے ۔ سو وہ آدمی اور وہ عَورتیں تِینوں کے تِینوں جلا دِئے جائیں تاکہ تُمہارے درمِیان خباثت نہ رہے۔

15 اور اگر کوئی مَرد کِسی جانور سے جماع کرے تو وہ ضرُور جان سے مارا جائے اور تُم اُس جانور کو بھی مار ڈالنا۔

16 اور اگر کوئی عَورت کِسی جانور کے پاس جائے اور اُس سے ہم صُحبت ہو تو تُو اُس عَورت اور جانور دونوں کو مار ڈالنا ۔ وہ ضرُور جان سے مارے جائیں ۔ اُن کا خُون اُن ہی کی گردن پر ہو گا۔

17 اور اگر کوئی مَرد اپنی بہن کو جو اُس کے باپ کی یا اُس کی ماں کی بیٹی ہو لے کر اُس کا بدن دیکھے اور اُس کی بہن اُس کا بدن دیکھے تو یہ شرم کی بات ہے ۔ وہ دونوں اپنی قَوم کے لوگوں کی آنکھوں کے سامنے قتل کِئے جائیں ۔ اُس نے اپنی بہن کے بدن کو بے پردہ کِیا ۔ اُس کا گُناہ اُسی کے سر لگے گا۔

18 اور اگر مَرد اُس عَورت سے جو کپڑوں سے ہو صُحبت کر کے اُس کے بدن کو بے پردہ کرے تو اُس نے اُس کا چشمہ کھولا اور اُس عَورت نے اپنے خُون کا چشمہ کُھلوایا ۔ سو وہ دونوں اپنی قَوم میں سے کاٹ ڈالے جائیں۔

19 اور تُو اپنی خالہ یا پُھوپھی کے بدن کو بے پردہ نہ کرنا کیونکہ جو اَیسا کرے اُس نے اپنی قرِیبی رِشتہ دار کو بے پردہ کِیا ۔ سو اُن دونوں کا گُناہ اُن ہی کے سر لگے گا۔

20 اور اگر کوئی اپنی چچی یا تائی سے صُحبت کرے تو اُس نے اپنے چچا یا تاؤُ کے بدن کو بے پردہ کِیا ۔ سو اُن کا گُناہ اُن کے سر لگے گا ۔ وہ لاولد مَریں گے۔

21 اگر کوئی شخص اپنے بھائی کی بِیوی کو رکھّے تو یہ نجاست ہے ۔ اُس نے اپنے بھائی کے بدن کو بے پردہ کِیا ۔ وہ لاولد رہیں گے۔

22 سو تُم میرے سب آئِین اور احکام ماننا اور اُن پر عمل کرنا تاکہ وہ مُلک جِس میں مَیں تُم کو بسانے کو لِئے جاتا ہُوں تُم کو اُگل نہ دے۔

23 تُم اُن قَوموں کے دستُوروں پر جِن کو مَیں تُمہا رے آگے سے نِکالتا ہُوں مت چلنا کیونکہ اُنہوں نے یہ سب کام کِئے ۔ اِسی لِئے مُجھے اُن سے نفرت ہو گئی۔

24 پر مَیں نے تُم سے کہا ہے کہ تُم اُن کے مُلک کے وارِث ہو گے اور مَیں تُم کو وہ مُلک جِس میں دُودھ اور شہد بہتا ہے تُمہاری مِلکِیّت ہونے کے لِئے دُوں گا ۔ مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں جِس نے تُم کو اَور قَوموں سے الگ کِیا ہے۔

25 سو تُم پاک اور ناپاک چَوپایوں میں اور پاک اور ناپاک پرِندوں میں فرق کرنا اور تُم کِسی جانور یا پرِندے یازمِین پر کے رینگنے والے جاندار سے جِن کو مَیں نے تُمہارے لِئے ناپاک ٹھہرا کر الگ کِیا ہے اپنے آپ کو مکرُوہ نہ بنا لینا۔

26 اور تُم میرے لِئے پاک بنے رہنا کیونکہ مَیں جو خُداوند ہُوں پاک ہُوں اور مَیں نے تُم کو اَور قَوموں سے الگ کِیا ہے تاکہ تُم میرے ہی رہو۔

27 اور وہ مَرد یا عَورت جِس میں جِنّ ہو یا وہ جادُوگر ہو تو وہ ضرُور جان سے مارا جائے ۔ اَیسوں کو لوگ سنگسار کریں ۔ اُن کا خُون اُن ہی کی گردن پر ہو گا۔

احبار 21

کاہِنوں کی پاکِیزگی

1 اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ ہارُون کے بیٹوں سے جو کاہِن ہیں کہہ کہ اپنے قبِیلہ کے مُردہ کے سبب سے کوئی اپنے آپ کو نجِس نہ کر لے۔

2 اپنے قرِیبی رِشتہ داروں کے سبب سے جَیسے اپنی ماں کے سبب سے اور اپنے باپ کے سبب سے اور اپنے بیٹے بیٹی کے سبب سے اور اپنے بھائی کے سبب سے۔

3 اور اپنی سگی کُنواری بہن کے سبب سے جِس نے شَوہر نہ کِیا ہو ۔ اِن کی خاطِر وہ اپنے کو نجِس کر سکتا ہے۔

4 چُونکہ وہ اپنے لوگوں میں سردار ہے اِس لِئے وہ اپنے آپ کو اَیسا آلُودہ نہ کرے کہ ناپاک ہو جائے۔

5 وہ نہ اپنے سر اُن کی خاطِر بیچ سے گُھٹوائیں اور نہ اپنی داڑھی کے کونے مُنڈوائیں اور نہ اپنے کو زخمی کریں۔

6 وہ اپنے خُدا کے لِئے پاک بنے رہیں اور اپنے خُدا کے نام کو بے حُرمت نہ کریں کیونکہ وہ خُداوند کی آتِشِین قُربانیاں جو اُن کے خُدا کی غِذا ہیں گُذرانتے ہیں ۔ اِس لِئے وہ پاک رہیں۔

7 وہ کِسی فاحِشہ یا ناپاک عَورت سے بیاہ نہ کریں اور نہ اُس عَورت سے بیاہ کریں جِسے اُس کے شَوہر نے طلاق دی ہو کیونکہ کاہِن اپنے خُدا کے لِئے مُقدّس ہے۔

8 پس تُو کاہِن کو مُقدّس جاننا کیونکہ وہ تیرے خُدا کی غِذا گُذرانتا ہے ۔ سو وہ تیری نظر میں مُقدّس ٹھہرے کیونکہ مَیں خُداوند جو تُم کو مُقدّس کرتا ہُوں قُدُّوس ہُوں۔

9 اور اگر کاہِن کی بیٹی فاحِشہ بن کر اپنے آپ کو ناپاک کرے تو وہ اپنے باپ کو ناپاک ٹھہراتی ہے ۔ وہ عَورت آگ میں جلائی جائے۔

10 اور وہ جو اپنے بھائیوں کے درمِیان سردار کاہِن ہو جِس کے سر پر مَسح کرنے کا تیل ڈالا گیا اور جو پاک لِباس پہننے کے لِئے مخصُوص کِیا گیا وہ اپنے سر کے بال بِکھرنے نہ دے اور اپنے کپڑے نہ پھاڑے۔

11 وہ کِسی مُردہ کے پاس نہ جائے اور نہ اپنے باپ یا ماں کی خاطِر اپنے آپ کو نجس کرے۔

12 اور وہ مَقدِس کے باہر بھی نہ نِکلے اور نہ اپنے خُدا کے مَقدِس کو بے حُرمت کرے کیونکہ اُس کے خُدا کے مَسح کرنے کے تیل کا تاج اُس پر ہے ۔ مَیں خُداوند ہُوں۔

13 اور وہ کُنواری عَورت سے بیاہ کرے۔

14 جو بیوہ یا مُطلّقہ یا ناپاک عَورت یا فاحِشہ ہو اُن سے وہ بیاہ نہ کرے بلکہ وہ اپنی ہی قَوم کی کُنواری کو بیاہ لے۔

15 اور وہ اپنے تُخم کو اپنی قَوم میں ناپاک نہ ٹھہرائے کیونکہ مَیں خُداوند ہُوں جو اُسے مُقدّس کرتا ہُوں۔

16 پِھر خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ۔

17 ہارُون سے کہہ دے کہ تیری نسل میں پُشت در پُشت اگر کوئی کِسی طرح کا عَیب رکھتا ہو تو وہ اپنے خُدا کی غِذا گُذراننے کو نزدِیک نہ آئے۔

18 خواہ کوئی ہو جِسں میں عَیب ہو وہ نزدِیک نہ آئے ۔ خواہ وہ اندھا ہو یا لنگڑا یا نکچپٹا ہو یا زائِدُالاعضا۔

19 یا اُس کا پاؤں ٹُوٹا ہو یا ہاتھ ٹُوٹا ہو۔

20 یا وہ کُبڑا یا بَونا ہو یا اُس کی آنکھ میں کُچھ نقص ہو یا کُھجلی بھرا ہو یا اُس کے پپڑِیاں ہوں یا اُس کے خُصئے پِچکے ہوں۔

21 ہارُون کاہِن کی نسل میں سے کوئی جو عَیب دار ہو خُداوند کی آتِشِین قُربانیاں گُذراننے کو نزدِیک نہ آئے ۔ وہ عَیب دار ہے ۔ وہ ہرگِز اپنے خُدا کی غِذا گُذراننے کو پاس نہ آئے۔

22 وہ اپنے خُدا کی نِہایت ہی مُقدّس اور پاک دونوں طرح کی روٹی کھائے۔

23 لیکن پردہ کے اندر داخِل نہ ہو نہ مذبح کے پاس آئے اِس لِئے کہ وہ عَیب دار ہے تا اَیسا نہ ہو کہ وہ میرے مُقدّس مقاموں کو بے حُرمت کرے کیونکہ مَیں خُداوند اُن کا مُقدّس کرنے والا ہُوں۔

24 سو مُوسیٰ نے ہارُون اور اُس کے بیٹوں اور سب بنی اِسرائیل سے یہ باتیں کہِیں۔

احبار 22

نذرانوں اور قُربانیوں کی پاکِیزگی

1 اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا۔

2 ہارُون اور اُس کے بیٹوں سے کہہ کہ وہ بنی اِسرائیل کی پاک چِیزوں سے جِن کو وہ میرے لِئے مُقدّس کرتے ہیں اپنے آپ کو بچائے رکھّیں اور میرے پاک نام کو بے حُرمت نہ کریں ۔ مَیں خُداوند ہُوں۔

3 اُن کو کہہ دے کہ تُمہاری پُشت در پُشت جو کوئی تُمہاری نسل میں سے اپنی ناپاکی کی حالت میں اُن پاک چِیزوں کے پاس جائے جِن کو بنی اِسرائیل خُداوند کے لِئے مُقدّس کرتے ہیں وہ شخص میرے حضُور سے کاٹ ڈالا جائے گا ۔ مَیں خُداوند ہُوں۔

4 ہارون کی نسل میں جو کوڑھی یا جریان کا مرِیض ہو وہ جب تک پاک نہ ہو جائے پاک چِیزوں میں سے کُچھ نہ کھائے اور جو کوئی اَیسی چِیز کو جو مُردہ کے سبب سے ناپاک ہو گئی ہے یا اُس شخص کو جِس کی دھات بہتی ہو چُھوئے۔

5 یا جو کوئی کِسی رینگنے والے جاندار کو جِس کے چُھونے سے وہ ناپاک ہو سکتا ہے چُھوئے یا کِسی اَیسے شخص کو چُھوئے جِس سے اُس کی ناپاکی خواہ وہ کِسی قِسم کی ہو اُس کو بھی لگ سکتی ہو۔

6 تو وہ آدمی جو اِن میں سے کِسی کو چُھوئے شام تک ناپاک رہے گا اور جب تک پانی سے غُسل نہ کر لے پاک چِیزوں میں سے کُچھ نہ کھائے۔

7 اور وہ اُس وقت پاک ٹھہرے گا جب آفتاب غرُوب ہو جائے ۔ اِس کے بعد وہ پاک چِیزوں میں سے کھائے کیونکہ یہ اُس کی خُوراک ہے۔

8 اور مُردار یا درِندہ کے پھاڑے ہُوئے جانور کو کھانے سے وہ اپنے آپ کو نجِس نہ کر لے ۔ مَیں خُداوند ہُوں۔

9 اِس لِئے وہ میری شرع کو مانیں تا نہ ہو کہ اُس کے سبب سے اُن کے سر گُناہ لگے اور اُس کی بے حُرمتی کرنے کی وجہ سے وہ مَر بھی جائیں ۔ مَیں خُداوند اُن کا مُقدّس کرنے والا ہُوں۔

10 کوئی اجنبی پاک چِیز کو نہ کھانے پائے خواہ وہ کاہِن ہی کے ہاں ٹھہرا ہو یا اُس کا نوکر ہو تَو بھی وہ کوئی پاک چِیز نہ کھائے۔

11 لیکن وہ جِسے کاہِن نے اپنے زر سے خریدا ہو اُسے کھا سکتا ہے اور وہ جو اُس کے گھر میں پَیدا ہُوئے ہوں وہ بھی اُس کے کھانے میں سے کھائیں۔

12 اگر کاہِن کی بیٹی کِسی اجنبی سے بیاہی گئی ہو تو وہ پاک چِیزوں کی قُربانی میں سے کُچھ نہ کھائے۔

13 پر اگر کاہِن کی بیٹی بیوہ ہو جائے یا مُطلّقہ ہو اور بے اَولاد ہو اور لڑکپن کے دِنوں کی طرح اپنے باپ کے گھر میں پِھر آکر رہے تو وہ اپنے باپ کے کھانے میں سے کھائے لیکن کوئی اجنبی اُسے نہ کھائے۔

14 اور اگر کوئی نادانِستہ پاک چِیز کو کھا جائے تو وہ اُس کے پانچویں حِصّہ کے برابر اپنے پاس سے اُس میں مِلا کر وہ پاک چِیز کاہِن کو دے۔

15 اور وہ بنی اِسرائیل کی پاک چِیزوں کو جِن کو وہ خُداوند کی نذر کرتے ہوں بے حُرمت کر کے۔

16 اُن کے سر اُس گُناہ کا جُرم نہ لادیں جو اُن کی پاک چِیزوں کے کھانے سے ہو گا کیونکہ مَیں خُداوند اُن کا مُقدّس کرنے والا ہُوں۔

17 اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا۔

18 ہارُون اور اُس کے بیٹوں اور سب بنی اِسرائیل سے کہہ کہ اِسرا ئیل کے گھرانے کا یا اُن پردیسیوں میں سے جو اِسرائیلِیوں کے درمِیان رہتے ہیں جو کوئی شخص اپنی قُربانی لائے خواہ وہ کوئی مَنّت کی قُربانی ہو یا رضا کی قُربانی جِسے وہ سوختنی قُربانی کے طَور پر خُداوند کے حضُور گُذرانا کرتے ہیں۔

19 تو اپنے مقبُول ہونے کے لِئے تُم بَیلوں یا برّوں یا بکروں میں سے بے عَیب نر چڑھانا۔

20 اور جِس میں عَیب ہو اُسے نہ چڑھانا کیونکہ وہ تُمہاری طرف سے مقبُول نہ ہو گا۔

21 اور جو کوئی اپنی مَنّت پُوری کرنے کے لِئے یا رضا کی قُربانی کے طَور پر گائے بَیل یا بھیڑ بکری میں سے سلامتی کا ذبِیحہ خُداوند کے حضُور گُذرانے تو وہ جانور مقبُول ٹھہرنے کے لِئے بے عَیب ہو ۔ اُس میں کوئی نقص نہ ہو۔

22 جو اندھا یا شِکستہ عُضو یا لُولا ہو یا جِس کے رسَولی یا کُھجلی یا پپڑیاں ہوں اَیسوں کو خُداوند کے حضُور نہ چڑھانا اور نہ مذبح پر اُن کی آتِشِین قُربانی خُداوند کے حضُور گُذراننا۔

23 جِس بچھڑے یا برّے کا کوئی عُضو زِیادہ یا کم ہو اُسے تُو رضا کی قُربانی کے طَور پر گُذران سکتا ہے پر مَنّت پُوری کرنے کے لِئے وہ مقبُول نہ ہو گا۔

24 جِس جانور کے خُصئے کُچلے ہُوئے یا چُور کِئے ہُوئے یا ٹُوٹے یا کٹے ہُوئے ہوں اُسے تُم خُداوند کے حضُور نہ چڑھانا اور نہ اپنے مُلک میں اَیسا کام کرنا۔

25 اور نہ اِن میں سے کِسی کو لے کر تُم اپنے خُدا کی غِذا پردیسی یا اجنبی کے ہاتھ سے چڑھوانا کیونکہ اُن کا بِگاڑ اُن میں مَوجُود ہوتا ہے ۔ اُن میں عَیب ہے ۔ سو وہ تُمہاری طرف سے مقبُول نہ ہوں گے۔

26 اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا۔

27 جِس وقت بچھڑا یا بھیڑ یا بکری کا بچّہ پَیدا ہو تو سات دِن تک وہ اپنی ماں کے ساتھ رہے اور آٹھویں دِن سے اور اُس کے بعد سے وہ خُداوند کی آتِشِین قُربانی کے لِئے مقبُول ہو گا۔

28 اور خواہ گائے ہو یا بھیڑ بکری تُم اُسے اور اُس کے بچّے دونوں کو ایک ہی دِن ذبح نہ کرنا۔

29 اور جب تُم خُداوند کے شُکرانہ کا ذبِیحہ قُربانی کرو تو اُسے اِس طرح قُربانی کرنا کہ تُم مقبُول ٹھہرو۔

30 اور وہ اُسی دِن کھا بھی لِیا جائے ۔ تُم اُس میں سے کُچھ بھی دُوسرے دِن کی صُبح تک باقی نہ چھوڑنا ۔ مَیں خُداوند ہُوں۔

31 سو تُم میرے حُکموں کو ماننا اور اُن پر عمل کرنا ۔ مَیں خُداوند ہُوں۔

32 تُم میرے پاک نام کو ناپاک نہ ٹھہرانا کیونکہ مَیں بنی اِسرائیل کے درمِیان ضرُور ہی پاک مانا جاؤُں گا ۔ مَیں خُداوند تُمہارا مُقدّس کرنے والا ہُوں۔

33 جو تُم کو مُلکِ مِصر سے نِکال لایا ہُوں تاکہ تُمہارا خُدا بنا رہُوں ۔ مَیں خُداوند ہُوں۔

احبار 23

مذہبی عِیدیں

1 اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ۔

2 بنی اِسرائیل سے کہہ کہ خُداوند کی عِیدیں جِن کا تُم کو مُقدّس مجمعوں کے لِئے اِعلان دینا ہو گا میری وہ عِیدیں یہ ہیں۔

3 چھ دِن کام کاج کِیا جائے پر ساتواں دِن خاص آرام کا اور مُقدّس مجمع کا سبت ہے ۔ اُس روز کِسی طرح کا کام نہ کرنا ۔ وہ تُمہاری سب سکُونت گاہوں میں خُداوند کا سبت ہے۔

4 خُداوند کی عِیدیں جِن کا اِعلان تُم کو مُقدّس مجمعوں کے لِئے وقتِ مُعیّن پر کرنا ہو گا سو یہ ہیں۔

فَسح اور بے خمِیری روٹی

5 پہلے مہِینے کی چَودھوِیں تارِیخ کو شام کے وقت خُداوند کی فَسح ہُؤا کرے۔

6 اور اُسی مہِینے کی پندرھوِیں تارِیخ کو خُداوند کے لِئے عِیدِ فطِیر ہو ۔ اُس میں تُم سات دِن تک بے خمِیری روٹی کھانا۔

7 پہلے دِن تُمہارا مُقدّس مجمع ہو ۔ اُس میں تُم کوئی خادِمانہ کام نہ کرنا۔

8 اور ساتوں دِن تُم خُداوند کے حضُور آتشِین قُربانی گُذراننا اور ساتویں دِن پِھر مُقدّس مجمع ہو ۔ اُس روز تُم کوئی خادِمانہ کام نہ کرنا۔

9 اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا۔

10 بنی اِسرائیل سے کہہ کہ جب تُم اُس مُلک میں جو مَیں تُم کو دیتا ہوں داخِل ہو جاؤ اور اُس کی فصل کاٹو تو تُم اپنی فصل کے پہلے پَھلوں کا ایک پُولا کاہِن کے پاس لانا۔

11 اور وہ اُسے خُداوند کے حضُور ہِلائے تاکہ وہ تُمہاری طرف سے قبُول ہو اور کاہِن اُسے سبت کے دُوسرے دِن صُبح کو ہِلائے۔

12 اور جِس دِن تُم پُولے کو ہِلواؤ اُسی دِن ایک نر بے عَیب یکسالہ برّہ سوختنی قُربانی کے طَور پر خُداوند کے حضُور گُذراننا۔

13 اور اُس کے ساتھ نذر کی قُربانی کے لِئے تیل مِلا ہُؤا مَیدہ اَیفہ کے دو دہائی حِصّہ کے برابر ہو تاکہ وہ آتِشِین قُربانی کے طَور پر خُداوند کے حضُور راحت انگیز خُوشبُو کے لِئے جلائی جائے اور اُس کے ساتھ مَے کا تپاون ہِین کے چَوتھے حِصّہ کے برابر مَے لے کر کرنا۔

14 اور جب تک تُم اپنے خُدا کے لِئے یہ چڑھاوا نہ لے آؤ اُس دِن تک نئی فصل کی روٹی یا بُھنا ہُؤا اناج یا ہری بالیں ہرگِز نہ کھانا ۔ تُمہاری سب سکُونت گاہوں میں پُشت در پُشت ہمیشہ یِہی آئِین رہے گا۔

فصل کاٹنے کی عِید

15 اور تُم سبت کے دُوسرے دِن سے جِس دِن ہِلانے کی قُربانی کے لِئے پُولا لاؤ گے گِننا شرُوع کرنا جب تک سات سبت پُورے نہ ہو جائیں۔

16 اور ساتویں سبت کے دُوسرے دِن تک پچاس دِن گِن لینا ۔ تب تُم خُداوند کے لِئے نذر کی نئی قُربانی گُذراننا۔

17 تُم اپنے گھروں میں سے اَیفہ کے دو دہائی حِصّہ کے وزن کے مَیدہ کے دو گِردے ہِلانے کی قُربانی کے لِئے لے آنا ۔ وہ خمِیر کے ساتھ پکائے جائیں تاکہ خُداوند کے لِئے پہلے پَھل ٹھہریں۔

18 اور اُن گِردوں کے ساتھ ہی تُم سات یکسالہ بے عَیب برّے اور ایک بچھڑا اور دو مینڈھے لانا تاکہ وہ اپنی اپنی نذر کی قُربانی اور تپاون کے ساتھ خُداوند کے حضُور سوختنی قُربانی کے طَور پر گُذرانے جائیں اور خُداوند کے حضُور راحت انگیز خُوشبُو کی آتِشِین قُربانی ٹھہریں۔

19 اور تُم خطا کی قُربانی کے لِئے ایک بکرا اور سلامتی کے ذبیحہ کے لِئے دو یکسالہ نر برّے چڑھانا۔

20 اور کاہِن اِن کو پہلے پَھل کے دونوں گِردوں کے ساتھ لے کر اُن دونوں برّوں سمیت ہِلانے کی قُربانی کے طَور پر خُداوند کے حضُور ہِلائے ۔ وہ خُداوند کے لِئے مُقدّس اور کاہِن کا حِصّہ ٹھہریں۔

21 اور تُم عَین اُسی دِن اِعلان کر دینا ۔ اُس روز تُمہارا مُقدّس مجمع ہو ۔ تُم اُس دِن کوئی خادِمانہ کام نہ کرنا ۔ تُمہاری سب سکُونت گاہوں میں پُشت در پُشت سدا یِہی آئِین رہے گا۔

22 اور جب تُم اپنی زمِین کی پَیداوار کی فصل کاٹو تو تُو اپنے کھیت کو کونے کونے تک پُورا نہ کاٹنا اور نہ اپنی فصل کی گِری پڑی بالوں کو جمع کرنا بلکہ اُن کو غریبوں اور مُسافِروں کے لِئے چھوڑ دینا ۔ مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں۔

نئے سال کی عِید

23 اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا۔

24 بنی اِسرائیل سے کہہ کہ ساتویں مہِینے کی پہلی تارِیخ تُمہارے لِئے خاص آرام کا دِن ہو ۔ اُس میں یادگاری کے لِئے نرسِنگے پُھونکے جائیں اور مُقدّس مجمع ہو۔

25 تُم اُس روز کوئی خادِمانہ کام نہ کرنا اور خُداوند کے حضُور آتِشِین قُربانی گُذراننا۔

یومِ کفّارہ

26 اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا۔

27 اُسی ساتویں مہِینے کی دسوِیں تارِیخ کو کفّارہ کا دِن ہے ۔ اُس روز تُمہارا مُقدّس مجمع ہو اور تُم اپنی جانوں کو دُکھ دینا اور خُداوند کے حضُور آتِشِین قُربانی گُذراننا۔

28 تُم اُس دِن کِسی طرح کا کام نہ کرنا کیونکہ وہ کفّارہ کا دِن ہے جِس میں خُداوند تُمہارے خُدا کے حضُور تُمہارے لِئے کفّارہ دِیا جائے گا۔

29 جو شخص اُس دِن اپنی جان کو دُکھ نہ دے وہ اپنے لوگوں میں سے کاٹ ڈالا جائے گا۔

30 اور جو شخص اُس دِن کِسی طرح کا کام کرے اُسے مَیں اُس کے لوگوں میں سے فنا کر دُوں گا۔

31 تُم کِسی طرح کا کام مت کرنا ۔ تُمہاری سب سکُونت گاہوں میں پُشت در پُشت سدا یِہی آئِین رہے گا۔

32 یہ تُمہارے لِئے خاص آرام کا سبت ہو ۔ اِس میں تُم اپنی جانوں کو دُکھ دینا ۔ تُم اُس مہِینے کی نوِیں تارِیخ کی شام سے دُوسری شام تک اپنا سبت ماننا۔

عِیدِ خیام(جھونپڑوں کی عِید)

33 اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا۔

34 بنی اِسرائیل سے کہہ کہ اُسی ساتویں مہِینے کی پندرھوِیں تارِیخ سے لے کر سات دِن تک خُداوند کے لِئے عِیدِ خیام ہو گی۔

35 پہلے دِن مُقدّس مجمع ہو ۔ تُم اُس دِن کوئی خادِمانہ کام نہ کرنا۔

36 تُم ساتوں دِن برابر خُداوند کے حضُور آتشِین قُربانی گُذراننا ۔ آٹھویں دِن تُمہارا مُقدّس مجمع ہو اور پِھر خُداوند کے حضُور آتِشِین قُربانی گُذراننا ۔ وہ خاص مجمع ہے ۔ اُس میں کوئی خادِمانہ کام نہ کرنا۔

37 یہ خُداوند کی مُقرّرہ عِیدیں ہیں جِن میں تُم مُقدّس مجمعوں کا اِعلان کرنا تاکہ خُداوند کے حضُور آتِشِین قُربانی اور سوختنی قُربانی اور نذر کی قُربانی اور ذبِیحہ اور تپاون ہر ایک اپنے اپنے مُعیّن دِن میں گُذرانا جائے۔

38 ماسِوا اِن کے خُداوند کے سبتوں کو ماننا اور اپنے ہدیوں اور مَنّتوں اور رضا کی قُربانیوں کو جو تُم خُداوند کے حضُور لاتے ہو گُذراننا۔

39 اور ساتویں مہِینے کی پندرھوِیں تارِیخ سے جب تُم زمِین کی پَیداوار جمع کر چُکو تو سات دِن تک خُداوند کی عِید ماننا ۔ پہلا دِن خاص آرام کا ہو اور آٹھواں دِن بھی خاص آرام ہی کا ہو۔

40 سو تُم پہلے دِن خُوشنما درختوں کے پَھل اور کھجُور کی ڈالِیاں اور گھنے درختوں کی شاخیں اور ندیوں کی بیدِ مجنُوں لینا اور تُم خُداوند اپنے خُدا کے آگے سات دِن تک خُوشی منانا۔

41 اور تُم ہر سال خُداوند کے لِئے سات روز تک یہ عِید مانا کرنا ۔ تُمہاری نسل در نسل سدا یِہی آئِین رہے گا کہ تُم ساتویں مہِینے اِس عِید کو مانو۔

42 سات روز تک برابر تُم سایبانوں میں رہنا ۔ جِتنے اِسرا ئیل کی نسل کے ہیں سب کے سب سایبانوں میں رہیں۔

43 تاکہ تُمہاری نسل کو معلُوم ہو کہ جب مَیں بنی اِسرائیل کو مُلکِ مِصر سے نِکال کر لا رہا تھا تو مَیں نے اُن کو سایبانوں میں ٹِکایا تھا ۔ مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں۔

44 سو مُوسیٰ نے بنی اِسرائیل کو خُداوند کی مُقرّرہ عِیدیں بتا دِیں۔

احبار 24

چراغوں کی نِگہداشت

1 اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا۔

2 بنی اِسرائیل کو حُکم کر کہ وہ تیرے پاس زَیتُون کا کُوٹ کر نِکالا ہُؤا خالِص تیل رَوشنی کے لِئے لائیں تاکہ چراغ ہمیشہ جلتا رہے۔

3 ہارُون اُسے شہادت کے پردہ کے باہر خَیمۂِ اِجتماع میں شام سے صُبح تک خُداوند کے حضُور قرِینہ سے رکھّا کرے ۔ تُمہاری نسل در نسل سدا یِہی آئِین رہے گا۔

4 وہ ہمیشہ اُن چراغوں کو ترتِیب سے پاک شمعدان پر خُداوند کے حضُور رکھّا کرے۔

5 اور تُو مَیدہ لے کر بارہ گِردے پکانا ۔ ہر ایک گِردہ میں اَیفہ کے دو دہائی حِصّہ کے برابر مَیدہ ہو۔

6 اور تُو اُن کو دو قطاریں کر کے ہر قطار میں چھ چھ روٹیاں پاک میز پر خُداوند کے حضُور رکھنا۔

7 اور تُو ہر ایک قطار پر خالِص لُبان رکھنا تاکہ وہ روٹی پر یادگاری یعنی خُداوند کے حضُور آتِشِین قُربانی کے طَور پر ہو۔

8 وہ سدا ہر سبت کے روز اُن کو خُداوند کے حضُور ترتِیب دِیا کرے کیونکہ یہ بنی اِسرائیل کی جانِب سے ایک دائِمی عہد ہے۔

9 اور یہ روٹیاں ہارُون اور اُس کے بیٹوں کی ہوں گی ۔ وہ اِن کو کِسی پاک جگہ میں کھائیں کیونکہ وہ ایک جاوِدانی آئِین کے مُطابِق خُداوند کی آتِشِین قُربانیوں میں سے ہارُون کے لِئے نِہایت پاک ہیں۔

جائز اور راست سزا کی ایک مثال

10 اور ایک اِسرائیلی عَورت کا بیٹا جِس کا باپ مِصری تھا اِسرائیلِیوں کے بیچ چلا گیا اور وہ اِسرائیلی عَورت کا بیٹا اور ایک اِسرائیلی لشکرگاہ میں آپس میں مار پِیٹ کرنے لگے۔

11 اور اِسرائیلی عَورت کے بیٹے نے پاک نام پر کُفربکا اور لَعنت کی ۔ تب لوگ اُسے مُوسیٰ کے پاس لے گئے ۔ اُس کی ماں کا نام سلومِیت تھا جو د ِبری کی بیٹی تھی جو دان کے قبِیلہ کا تھا۔

12 اور اُنہوں نے اُسے حوالات میں ڈال دِیا تاکہ خُداوند کی جانب سے اِس بات کا فَیصلہ اُن پر ظاہِر کِیا جائے۔

13 تب خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ۔

14 اُس لَعنت کرنے والے کو لشکرگاہ کے باہر نِکال کر لے جا اور جِتنوں نے اُسے لَعنت کرتے سُنا وہ سب اپنے اپنے ہاتھ اُس کے سر پر رکھّیں اور ساری جماعت اُسے سنگسار کرے۔

15 اور تُو بنی اِسرائیل سے کہہ دے کہ جو کوئی اپنے خُدا پر لَعنت کرے اُس کا گُناہ اُسی کے سر لگے گا۔

16 اور وہ جو خُداوند کے نام پر کُفربکے ضرُور جان سے مارا جائے ۔ ساری جماعت اُسے قطعی سنگسار کرے ۔ خواہ وہ دیسی ہو یا پردیسی جب وہ پاک نام پر کُفر بکے تو وہ ضرُور جان سے مارا جائے۔

17 اور جو کوئی کِسی آدمی کو مار ڈالے وہ ضرُور جان سے مارا جائے۔

18 اور جو کوئی کِسی چَوپائے کو مار ڈالے وہ اُس کا مُعاوضہ جان کے بدلے جان دے۔

19 اور اگر کوئی شخص اپنے ہمسایہ کو عَیب دار بنا دے تو جَیسا اُس نے کِیا وَیسا ہی اُس سے کِیا جائے۔

20 یعنی عُضو توڑنے کے بدلے عُضو توڑنا ہو اور آنکھ کے بدلے آنکھ اور دانت کے بدلے دانت ۔ جَیسا عَیب اُس نے دُوسرے آدمی میں پَیدا کر دِیا ہے وَیسا ہی اُس میں بھی کر دِیا جائے۔

21 الغرض جو کوئی کِسی چَوپائے کو مار ڈالے وہ اُس کا مُعاوضہ دے پر اِنسان کا قاتِل جان سے مارا جائے۔

22 تُم ایک ہی طرح کا قانُون دیسی اور پردیسی دونوں کے لِئے رکھنا کیونکہ مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں۔

23 اور مُوسیٰ نے یہ بنی اِسرائیل کو بتایا ۔ پس وہ اُس لَعنت کرنے والے کو نِکال کر لشکرگاہ کے باہر لے گئے اور اُسے سنگسار کر دِیا ۔ سو بنی اِسرائیل نے جَیسا خُداوند نے مُوسیٰ کو حُکم دِیا تھا وَیسا ہی کِیا۔

احبار 25

ساتواں سال

1 اور خُداوند نے کوہِ سِینا پر مُوسیٰ سے کہا کہ۔

2 بنی اِسرائیل سے کہہ کہ جب تُم اُس مُلک میں جو مَیں تُم کو دیتا ہُوں داخِل ہو جاؤ تو اُس کی زمِین بھی خُداوند کے لِئے سبت کو مانے۔

3 تُو اپنے کھیت کو چھ برس بونا اور اپنے انگُورِستان کو چھ برس چھانٹنا اور اُس کا پَھل جمع کرنا۔

4 لیکن ساتویں سال زمِین کے لِئے خاص آرام کا سبت ہو ۔ یہ سبت خُداوند کے لِئے ہو ۔ اِس میں تُو نہ اپنے کھیت کو بونا اور نہ اپنے انگُورِستان کو چھانٹنا۔

5 اور نہ اپنی خودرَو فصل کو کاٹنا اور نہ اپنی بے چھٹی تاکوں کے انگُوروں کو توڑنا ۔ یہ زمِین کے لِئے خاص آرام کا سال ہو۔

6 اور زمِین کا یہ سبت تیرے اور تیرے غُلاموں اور تیری لَونڈِیوں اور مزدُوروں اور اُن پردیسِیوں کے لِئے جو تیرے ساتھ رہتے ہیں تُمہاری خُوراک کا باعِث ہو گا۔

7 اور اُس کی ساری پَیداوار تیرے چَوپایوں اور تیرے مُلک کے اَور جانوروں کے لِئے خُورِش ٹھہرے گی۔

واگُزاری کا سال

8 اور تُو برسوں کے سات سبتوں کو یعنی سات گُنا سات سال گِن لینا اور تیرے حِساب سے برسوں کے سات سبتوں کی مُدّت کُل اُنچاس سال ہوں گے۔

9 تب تُو ساتویں مہِینے کی دسوِیں تارِیخ کو بڑا نرسِنگا زور سے پُھنکوانا ۔ تُم کفّارہ کے روز اپنے سارے مُلک میں یہ نرسِنگا پُھنکوانا۔

10 اور تُم پچاسویں برس کو مُقدّس جاننا اور تمام مُلک میں سب باشِندوں کے لِئے آزادی کی مُنادی کرانا ۔ یہ تُمہارے لِئے یوبلی ہو ۔ اِس میں تُم میں سے ہر ایک اپنی مِلکِیّت کا مالِک ہو اور ہر شخص اپنے خاندان میں پِھر شامِل ہوجائے۔

11 وہ پچاسواں برس تُمہارے لِئے یوبلی ہو ۔ تُم اُس میں کُچھ نہ بونا اور نہ اُسے جو اپنے آپ پَیدا ہو جائے کاٹنا اور نہ بے چھٹی تاکوں کا انگُور جمع کرنا۔

12 کیونکہ وہ سالِ یوبلی ہو گا ۔ سو وہ تُمہارے لِئے مُقدّس ٹھہرے ۔ تُم اُس کی پَیداوار کو کھیت سے لے لے کر کھانا۔

13 اُس سالِ یوبلی میں تُم میں سے ہر ایک اپنی مِلکِیّت کا پِھر مالِک ہو جائے۔

14 اور اگر تُو اپنے ہمسایہ کے ہاتھ کُچھ بیچے یا اپنے ہمسایہ سے کُچھ خریدے تو تُم ایک دُوسرے پر اندھیر نہ کرنا۔

15 یوبلی کے بعد جِتنے برس گُذرے ہوں اُن کے شُمار کے مُوافِق تُو اپنے ہمسایہ سے اُسے خریدنا اور وہ اُسے فصل کے برسوں کے شُمار کے مُطابِق تیرے ہاتھ بیچے۔

16 جِتنے زِیادہ برس ہوں اُتنا ہی دام زِیادہ کرنا اور جِتنے کم برس ہوں اُتنی ہی اُس کی قیمت گھٹانا کیونکہ برسوں کے شُمار کے مُوافِق وہ اُن کی فصل تیرے ہاتھ بیچتا ہے۔

17 اور تُم ایک دُوسرے پر اندھیر نہ کرنا بلکہ تُو اپنے خُدا سے ڈرتے رہنا کیونکہ مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں۔

ساتویں سال کا مسئلہ

18 سو تُم میری شرِیعت پر عمل کرنا اور میرے حُکموں کو ماننا اور اُن پر چلنا تو تُم اُس مُلک میں امن کے ساتھ بسے رہو گے۔

19 اور زمِین پھلے گی اور تُم پیٹ بھر کر کھاؤ گے اور وہاں امن کے ساتھ رہا کرو گے۔

20 اور اگر تُم کو خیال ہو کہ ہم ساتویں برس کیا کھائیں گے؟ کیونکہ دیکھو ہم کو نہ تو بونا ہے اور نہ اپنی پَیداوار کو جمع کرنا ہے۔

21 تو مَیں چھٹے ہی برس اَیسی برکت تُم پر نازِل کروں گا کہ تِینوں سال کے لِئے کافی غلّہ پَیدا ہو جائے گا۔

22 اور آٹھویں برس پِھر جوتنا بونا اورپِچھلا غلّہ کھاتے رہنا بلکہ جب تک نویں سال کے بوئے ہُوئے کی فصل نہ کاٹ لو اُس وقت تک وہی پِچھلا غلّہ کھاتے رہو گے۔

املاک کی واگُزاری

23 اور زمِین ہمیشہ کے لِئے بیچی نہ جائے کیونکہ زمِین میری ہے اور تُم میرے مُسافِر اور مہمان ہو۔

24 بلکہ تُم اپنی مِلکِیّت کے مُلک میں ہر جگہ زمِین کو چُھڑا لینے دینا۔

25 اور اگر تُمہارا بھائی مُفلِس ہو جائے اور اپنی مِلکِیّت کا کُچھ حِصّہ بیچ ڈالے تو جو اُس کا سب سے قریبی رِشتہ دار ہے وہ آ کر اُس کو جِسے اُس کے بھائی نے بیچ ڈالا ہے چُھڑا لے۔

26 اور اگر اُس آدمی کا کوئی نہ ہو جو اُسے چُھڑائے اور وہ خُود مالدار ہو جائے اور اُس کے چُھڑانے کے لِئے اُس کے پاس کافی ہو۔

27 تو وہ فروخت کے بعد کے برسوں کو گِن کر باقی دام اُس کو جِس کے ہاتھ زمِین بیچی ہے پھیر دے ۔ تب وہ پِھر اپنی مِلکِیّت کا مالِک ہو جائے۔

28 لیکن اگر اُس میں اِتنا مقدُور نہ ہو کہ اپنی زمِین واپس کرا لے تو جو کُچھ اُس نے بیچ ڈالا ہے وہ سالِ یوبلی تک خریدار کے ہاتھ میں رہے اور سالِ یوبلی میں چُھوٹ جائے ۔ تب یہ آدمی اپنی مِلکِیّت کا پِھر مالِک ہو جائے۔

29 اور اگر کوئی شخص رہنے کے اَیسے مکان کو بیچے جو کِسی فصِیل دار شہر میں ہو تو وہ اُس کے بِک جانے کے بعد سال بھر کے اندر اندر اُسے چُھڑا سکے گا یعنی پُورے ایک سال تک وہ اُسے چُھڑانے کا حقدار رہے گا۔

30 اور اگر وہ پُورے ایک سال کی مِیعاد کے اندر چُھڑایا نہ جائے تو اُس فصِیل دار شہر کے مکان پر خرِیدار کا نسل در نسل دائِمی قبضہ ہو جائے اور وہ سالِ یوبلی میں بھی نہ چُھوٹے۔

31 لیکن جِن دیہات کے گِرد کوئی فصِیل نہیں اُن کے مکانوں کا حِساب مُلک کے کھیتوں کی طرح ہو گا ۔ وہ چُھڑائے بھی جا سکیں گے اور سالِ یوبلی میں وہ چُھوٹ بھی جائیں گے۔

32 تَو بھی لاوِیوں کے جو شہر ہیں لاوی اپنی مِلکِیّت کے شہروں کے مکانوں کو چاہے کِسی وقت چُھڑا لیں۔

33 اور اگر کوئی دُوسرا لاوی اُن کو چُھڑا لے تو وہ مکان جو بیچا گیا اور اُس کی مِلکِیّت کا شہر دونوں سالِ یوبلی میں چُھوٹ جائیں کیونکہ جو مکان لاوِیوں کے شہروں میں ہیں وُہی بنی اِسرائیل کے درمِیان لاوِیوں کی مِلکِیّت ہیں۔

34 پر اُن کے شہروں کی نواحی کے کھیت نہیں بِک سکتے کیونکہ وہ اُن کی دائِمی مِلکِیّت ہیں۔

غرِیب اور مُحتاج کے قرضے

35 اور اگر تیرا کوئی بھائی مُفلِس ہو جائے اور وہ تیرے سامنے تنگ دست ہو تو تُو اُسے سنبھالنا ۔ وہ پردیسی اور مُسافِر کی طرح تیرے ساتھ رہے۔

36 تُو اُس سے سُود یا نفع مت لینا بلکہ اپنے خُدا کا خوف رکھنا تاکہ تیرا بھائی تیرے ساتھ زِندگی بسر کر سکے۔

37 تُو اپنا رُوپَیہ اُسے سُود پر مت دینا اور اپنا کھانا بھی اُسے نفع کے خیال سے نہ دینا۔

38 مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں جو تُم کو اِسی لِئے مُلکِ مِصر سے نِکال کر لایا کہ مُلکِ کنعا ن تُم کو دُوں اور تُمہارا خُدا ٹھہروں۔

غُلاموں کی آزادی

39 اور اگر تیرا کوئی بھائی تیرے سامنے اَیسا مُفلِس ہو جائے کہ اپنے کو تیرے ہاتھ بیچ ڈالے تو تُو اُس سے غُلام کی مانِند خِدمت نہ لینا۔

40 بلکہ وہ مزدُور اور مُسافِر کی مانِند تیرے ساتھ رہے اور سالِ یوبلی تک تیری خِدمت کرے۔

41 اُس کے بعد وہ بال بچّوں سمیت تیرے پاس سے چلا جائے اور اپنے گھرانے کے پاس اور اپنے باپ دادا کی مِلکِیّت کی جگہ کو لَوٹ جائے۔

42 اِس لِئے کہ وہ میرے خادِم ہیں جِن کو مَیں مُلکِ مِصر سے نِکال کر لایا ہُوں ۔ وہ غُلاموں کی طرح بیچے نہ جائیں۔

43 تُو اُن پر سختی سے حُکمرانی نہ کرنا بلکہ اپنے خُدا سے ڈرتے رہنا۔

44 اور تیرے جو غُلام اور تیری جو لَونڈیاں ہوں وہ اُن قَوموں میں سے ہوں جو تُمہارے چَوگِرد رہتی ہیں ۔ اُن ہی میں سے تُم غُلام اور لَونڈیاں خرِیدا کرنا۔

45 ماسِوا اِن کے اُن پردیسِیوں کے لڑکے بالوں میں سے بھی جو تُم میں بُود و باش کرتے ہیں اور اُن کے گھرانوں میں سے جو تُمہارے مُلک میں پَیدا ہُوئے اور تُمہارے ساتھ ہیں تُم خریدا کرنا اور وہ تُمہاری ہی مِلکِیّت ہوں گے۔

46 اور تُم اُن کو مِیراث کے طَور پر اپنی اَولاد کے نام کر دینا کہ وہ اُن کی مورُوثی مِلکِیّت ہوں ۔ اِن میں سے تُم ہمیشہ اپنے لِئے غُلام لِیا کرنا لیکن بنی اِسرائیل جو تُمہارے بھائی ہیں اُن میں سے کِسی پر تُم سختی سے حُکمرانی نہ کرنا۔

47 اور اگر کوئی پردیسی یا مُسافِرجو تیرے ساتھ ہو دَولت مند ہو جائے اور تیرا بھائی اُس کے سامنے مُفلِس ہو کر اپنے آپ کو اُس پردیسی یا مُسافِر یا پردیسی کے خاندان کے کِسی آدمی کے ہاتھ بیچ ڈالے۔

48 تو بِک جانے کے بعد وہ چُھڑایا جا سکتا ہے ۔ اُس کے بھائِیوں میں سے کوئی اُسے چُھڑا سکتا ہے۔

49 یا اُس کا چچا یا تاؤُ یا اُس کے چچا یا تاؤُ کا بیٹا یا اُس کے خاندان کا کوئی اَور آدمی جو اُس کا قریبی رِشتہ دار ہو وہ اُس کو چُھڑا سکتا ہے یا اگر وہ مال دار ہو جائے تو وہ اپنا فِدیہ دے کرچُھوٹ سکتا ہے۔

50 وہ اپنے خرِیدار کے ساتھ اپنے کو فروخت کر دینے کے سال سے لے کر سالِ یوبلی تک حِساب کرے اور اُس کے بِکنے کی قِیمت برسوں کی تعداد کے مُطابِق ہو یعنی اُس کا حِساب مزدُور کے ایّام کی طرح اُس کے ساتھ ہو گا۔

51 اگر یوبلی کے ابھی بُہت سے برس باقی ہوں تو جِتنے رُوپوں میں وہ خریدا گیا تھا اُن میں سے اپنے چُھوٹنے کی قِیمت اُتنے ہی برسوں کے حِساب کے مُطابِق پھیر دے۔

52 اور اگر سالِ یوبلی کے تھوڑے سے برس رہ گئے ہوں تو وہ اُس کے ساتھ حِساب کرے اور اپنے چُھوٹنے کی قِیمت اُتنے ہی برسوں کے مُطابِق اُسے پھیر دے۔

53 اور وہ اُس مزدُور کی طرح اپنے آقا کے ساتھ رہے جِس کی اُجرت سال بسال ٹھہرائی جاتی ہو اور اُس کا آقا اُس پر تُمہارے سامنے سختی سے حُکومت نہ کرنے پائے۔

54 اور اگر وہ اِن طرِیقوں سے چُھڑایا نہ جائے تو سالِ یوبلی میں بال بچّوں سمیت چُھوٹ جائے۔

55 کیونکہ بنی اِسرائیل میرے لِئے خادِم ہیں ۔ وہ میرے خادِم ہیں جِن کو مَیں مُلکِ مِصر سے نِکال کر لایا ہُوں ۔ مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں۔

احبار 26

فرمانبرداری کے لِئے برکات

1 تُم اپنے لِئے بُت نہ بنانا اور نہ کوئی تراشی ہُوئی مُورت یا لاٹ اپنے لِئے کھڑی کرنا اور نہ اپنے مُلک میں کوئی شبِیہ دار پتّھر رکھنا کہ اُسے سِجدہ کرو اِس لِئے کہ مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں۔

2 تُم میرے سبتوں کو ماننا اور میرے مَقدِس کی تعظِیم کرنا ۔ مَیں خُداوند ہُوں۔

3 اگر تُم میری شرِیعت پر چلو اور میرے حُکموں کو مانو اور اُن پر عمل کرو۔

4 تو مَیں تُمہارے لِئے بر وقت مِینہ برساؤں گا اور زمِین سے اناج پَیدا ہو گا اور مَیدان کے درخت پھلیں گے۔

5 یہاں تک کہ انگُور جمع کرنے کے وقت تک تُم داؤتے رہو گے اور جوتنے بونے کے وقت تک انگُور جمع کرو گے اور پیٹ بھر اپنی روٹی کھایا کرو گے اور چَین سے اپنے مُلک میں بسے رہو گے۔

6 اور مَیں مُلک میں امن بخشُوں گا اور تُم سوؤ گے اور تُم کو کوئی نہیں ڈرائے گا اور مَیں بُرے درِندوں کو مُلک سے نیست کر دُوں گا اور تلوار تُمہارے مُلک میں نہیں چلے گی۔

7 اور تُم اپنے دُشمنوں کا پِیچھا کرو گے اور وہ تُمہارے آگے آگے تلوار سے مارے جائیں گے۔

8 اور تُمہارے پانچ آدمی سَو کو رگیدیں گے اور تُمہارے سَو آدمی دس ہزار کو کھدیڑ دیں گے اور تُمہارے دُشمن تلوار سے تُمہارے آگے آگے مارے جائیں گے۔

9 اور مَیں تُم پر نظرِ عِنایت رکھّوں گا اور تُم کو برومند کرُوں گا اور بڑھاؤُں گا اور جو میرا عہد تُمہارے ساتھ ہے اُسے پُورا کرُوں گا۔

10 اور تُم عرصہ کا ذخِیرہ کِیا ہُؤا پُرانا اناج کھاؤ گے اور نئے کے سبب سے پُرانے کو نِکال باہر کرو گے۔

11 اور مَیں اپنا مسکن تُمہارے درمِیان قائِم رکھُّوں گااور میری رُوح تُم سے نفرت نہ کرے گی۔

12 اور مَیں تُمہارے درمِیا ن چلا پِھرا کرُوں گا اور تُمہارا خُدا ہُوں گا اور تُم میری قَوم ہو گے۔

13 مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں جو تُم کو مُلکِ مِصر سے اِسی لِئے نِکال کر لے آیا کہ تُم اُن کے غُلام نہ بنے رہو اور مَیں نے تُمہارے جُوئے کی چوبیں توڑ ڈالی ہیں اور تُم کو سِیدھا کھڑا کر کے چلایا۔

نافرمانی کی سزا

14 لیکن اگر تُم میری نہ سُنو اور اِن سب حُکموں پر عمل نہ کرو۔

15 اور میری شرِیعت کو ترک کرو اور تُمہاری رُوحوں کو میرے فَیصلوں سے نفرت ہو اور تُم میرے سب حُکموں پر عمل نہ کرو بلکہ میرے عہد کو توڑو۔

16 تو مَیں بھی تُمہارے ساتھ اِس طرح پیش آؤُں گا کہ دہشت اور تپِ دِق اور بُخار کو تُم پر مُقرّر کر دُوں گا جو تُمہاری آنکھوں کو چَوپٹ کر دیں گے اور تُمہاری جان کو گُھلا ڈالیں گے اور تُمہارا بیج بونا فضُول ہو گا کیونکہ تُمہارے دُشمن اُس کی فصل کھائیں گے۔

17 اور مَیں خُود بھی تُمہارا مُخالِف ہو جاؤُں گا اور تُم اپنے دُشمنوں کے آگے شِکست کھاؤ گے اور جِن کو تُم سے عداوت ہے وُہی تُم پر حُکمرانی کریں گے اور جب کوئی تُم کو رگیدتا بھی نہ ہو گا تب بھی تُم بھاگو گے۔

18 اور اگر اِتنی باتوں پر بھی تُم میری نہ سُنو تو مَیں تُمہارے گُناہوں کے باعِث تُم کو سات گُنی سزا اَور دُوں گا۔

19 اور مَیں تُمہاری شہزوری کے فخر کو توڑ ڈالُوں گا اور تُمہارے لِئے آسمان کو لوہے کی طرح اور زمِین کو پِیتل کی مانِند کر دُوں گا۔

20 اور تُمہاری قُوّ ت بے فائِدہ صرف ہو گی کیونکہ تُمہاری زمِین سے کُچھ پَیدا نہ ہو گا اور مَیدان کے درخت پھلنے ہی کے نہیں۔

21 اور اگر تُمہارا چلن میرے خِلاف ہی رہے اور تُم میرا کہا نہ مانو تو مَیں تُمہارے گُناہوں کے مُوافِق تُمہارے اُوپر اَور سات گُنی بلائیں لاؤُں گا۔

22 جنگلی درِندے تُمہارے درمِیان چھوڑ دُوں گا جو تُم کو بے اَولاد کر دیں گے اور تُمہارے چَوپایوں کو نیست کریں گے اور تُمہارا شُمار گھٹا دیں گے اور تُمہاری سڑکیں سُونی پڑ جائیں گی۔

23 اور اگر اِن باتوں پر بھی تُم میرے لِئے نہ سُدھرو بلکہ میرے خِلاف ہی چلتے رہو۔

24 تو مَیں بھی تُمہارے خِلاف چلُوں گا اور مَیں آپ ہی تُمہارے گُناہوں کے لِئے تُم کو اَور سات گُنا مارُوں گا۔

25 اور تُم پر ایک اَیسی تلوار چلواؤُں گا جو عہد شِکنی کا پُورا پُورا اِنتِقام لے لے گی اور جب تُم اپنے شہروں کے اندر جا جا کر اِکٹّھے ہو جاؤ تو مَیں وبا کو تُمہارے درمِیان بھیجُوں گا اور تُم غنِیم کے ہاتھ میں سَونپ دِئے جاؤ گے۔

26 اور جب مَیں تُمہاری روٹی کا سِلسِلہ توڑ دُوں گا تو دس عَورتیں ایک ہی تنُور میں تُمہاری روٹی پکائیں گی اور تُمہاری اُن روٹِیوں کو تول تول کر دیتی جائیں گی اور تُم کھاتے جاؤ گے پر سیر نہ ہو گے۔

27 اور اگر تُم اِن سب باتوں پر بھی میری نہ سُنو اور میرے خِلاف ہی چلتے رہو۔

28 تو مَیں اپنے غضب میں تُمہارے برخِلاف چلُوں گا اور تُمہارے گُناہوں کے باعِث تُم کو سات گُنی سزا بھی دُوں گا۔

29 اور تُم کو اپنے بیٹوں کا گوشت اور اپنی بیٹیوں کا گوشت کھانا پڑے گا۔

30 اور مَیں تُمہاری پرستِش کے بُلند مقاموں کو ڈھا دُوں گا اور تُمہاری سُورج کی مُورتوں کو کاٹ ڈالُوں گا اور تُمہاری لاشیں تُمہارے شِکستہ بُتوں پر ڈال دُوں گا اور میری رُوح کو تُم سے نفرت ہو جائے گی۔

31 اور مَیں تُمہارے شہروں کو وِیران کر ڈالُوں گا اور تُمہارے مَقدِسوں کو اُجاڑ بنا دُوں گا اور تُمہاری خُوشبُویِ شِیرِین کی لپٹ کو مَیں سُونگھنے کا بھی نہیں۔

32 اور مَیں مُلک کو سُونا کر دُوں گا اور تُمہارے دُشمن جو وہاں رہتے ہیں اِس بات سے حَیران ہوں گے۔

33 اور مَیں تُم کو غَیر قَوموں میں پراگندہ کر دُوں گا اور تُمہارے پِیچھے پِیچھے تلوار کھینچے رہُوں گا اور تُمہارا مُلک سُونا ہو جائے گا اور تُمہارے شہر وِیرانہ بن جائیں گے۔

34 اور یہ زمِین جب تک وِیران رہے گی اور تُم دُشمنوں کے مُلک میں ہو گے تب تک وہ اپنے سبت منائے گی ۔ تب ہی اِس زمِین کو آرام بھی مِلے گا اور وہ اپنے سبت بھی منانے پائے گی۔

35 یہ جب تک وِیران رہے گی تب ہی تک آرام بھی کرے گی جو اِسے کبھی تُمہارے سبتوں میں جب تُم اُس میں رہتے تھے نصِیب نہیں ہُؤا تھا۔

36 اور جو تُم میں سے بچ جائیں گے اور اپنے دُشمنوں کے مُلکوں میں ہوں گے اُن کے دِل کے اندر مَیں بے ہمّتی پَیدا کر دُوں گا اور اُڑتی ہُوئی پتّی کی آواز اُن کو کھدیڑے گی اور وہ اَیسے بھاگیں گے جَیسے کوئی تلوار سے بھاگتا ہو اور حالانکہ کوئی پِیچھا بھی نہ کرتا ہو گا تَو بھی وہ گِر گِر پڑیں گے۔

37 اور وہ تلوار کے خَوف سے ایک دُوسرے سے ٹکرا ٹکرا جائیں گے باوجُودیکہ کوئی کھدیڑتا نہ ہو گا اور تُم کو اپنے دُشمنوں کے مُقابلہ کی تاب نہ ہو گی۔

38 اور تُم غَیر قَوموں کے درمِیان پراگندہ ہو کر ہلاک ہو جاؤ گے اور تُمہارے دُشمنوں کی زمِین تُم کو کھا جائے گی۔

39 اور تُم میں سے جو باقی بچیں گے وہ اپنی بدکاری کے سبب سے تُمہارے دُشمنوں کے مُلکوں میں گُھلتے رہیں گے اور اپنے باپ دادا کی بدکاری کے سبب سے بھی وہ اُن ہی کی طرح گُھلتے جائیں گے۔

40 تب وہ اپنی اور اپنے باپ دادا کی اِس بدکاری کا اِقرار کریں گے کہ اُنہوں نے مُجھ سے خِلاف وَرزی کر کے میری حُکم عدُولی کی اور یہ بھی مان لیں گے کہ چُونکہ وہ میرے خِلاف چلے تھے۔

41 اِس لِئے مَیں بھی اُن کا مُخالِف ہُؤا اور اُن کو اُن کے دُشمنوں کے مُلک میں لا چھوڑا ۔ اگر اُس وقت اُن کا نامختُون دِل عاجِز بن جائے اور وہ اپنی بدکاری کی سزا کو منظُور کریں۔

42 تب مَیں اپنا عہد جو یعقُوب کے ساتھ تھا یاد کرُوں گا اور جو عہد مَیں نے اِضحا ق کے ساتھ اور جو عہد مَیں نے ابرہام کے ساتھ باندھا تھا اُن کو بھی یاد کرُوں گا اور اِس مُلک کو یاد کرُوں گا۔

43 اور وہ زمِین بھی اُن سے چُھوٹ کر جب تک اُن کی غَیر حاضِری میں سُونی پڑی رہے گی تب تک اپنے سبتوں کو منائے گی اور وہ اپنی بدکاری کی سزا کو منظُور کر لیں گے ۔ اِسی سبب سے کہ اُنہوں نے میرے حُکموں کو ترک کِیا تھا اور اُن کی رُوحوں کو میری شرِیعت سے نفرت ہو گئی تھی۔

44 اِس پر بھی جب وہ اپنے دُشمنوں کے مُلک میں ہوں گے تو مَیں اُن کو اَیسا ترک نہیں کرُوں گا اور نہ مُجھے اُن سے اَیسی نفرت ہو گی کہ مَیں اُن کو بِالکُل فنا کر دُوں اور میرا جو عہد اُن کے ساتھ ہے اُسے توڑ دُوں کیونکہ مَیں خُداوند اُن کا خُدا ہُوں۔

45 بلکہ مَیں اُن کی خاطِر اُن کے باپ دادا کے عہد کو یاد کرُوں گا جِن کو مَیں غَیر قَوموں کی آنکھوں کے سامنے مُلکِ مِصر سے نِکال کر لایا تاکہ مَیں اُن کا خُدا ٹھہروں ۔ مَیں خُداوند ہوں۔

46 یہ وہ شرِیعت اور احکام اور قوانِین ہیں جو خُداوند نے کوہِ سِینا پر اپنے اور بنی اِسرائیل کے درمِیان مُوسیٰ کی معرفت مُقرّر کِئے۔

احبار 27

خُداوند کے لِئے نذرانوں کے بارے میں قوانِین

1 پِھر خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ۔

2 بنی اِسرائیل سے کہہ کہ جب کوئی شخص اپنی مَنّت پُوری کرنے لگے تو مَنّت کے آدمی تیرے قِیمت ٹھہرانے کے مُوافِق خُداوند کے ہوں گے۔

3 سو بِیس برس کی عُمر سے لے کر ساٹھ برس کی عُمر

تک کے مَرد کے لِئے تیری ٹھہرائی ہُوئی

قِیمت مَقدِس کی مِثقال کے حِساب سے

چاندی کی پچاس مِثقال ہوں۔

4 اور اگر وہ عَورت ہو تو تیری ٹھہرائی ہُوئی قِیمت

تِیس مِثقال ہوں۔

5 اور اگر پانچ برس سے لے کر بِیس برس تک کی عُمر

ہو تو تیری ٹھہرائی ہُوئی قِیمت مَرد کے لِئے

بِیس مِثقال۔

اور عَورت کے لِئے دس مِثقال ہوں۔

6 پر اگر عُمر ایک مہِینے سے لے کر پانچ برس تک کی

ہو تو لڑکے کے لِئے چاندی کی پانچ مِثقال۔

اور لڑکی کے لِئے چاندی کی تِین مِثقال ٹھہرائی جائیں۔

7 اور اگر ساٹھ برس سے لے کر اُوپر اُوپر کی عُمر ہو تو

مَرد کے لِئے پندرہ مِثقال۔

اور عَورت کے لِئے دس مِثقال مُقرّر ہوں۔

8 پر اگر کوئی تیرے اندازہ کی نِسبت کم مقدُور رکھتا ہو تو وہ کاہِن کے سامنے حاضِر کِیا جائے اور کاہِن اُس کی قِیمت ٹھہرائے یعنی جِس شخص نے مَنّت مانی ہے اُس کی جَیسی حَیثِیّت ہو وَیسی ہی قِیمت کاہِن اُس کے لِئے ٹھہرائے۔

9 اور اگر وہ مَنّت کِسی اَیسے جانور کی ہے جِس کی قُربانی لوگ خُداوند کے حضُور چڑھایا کرتے ہیں تو جو جانور کوئی خُداوند کی نذر کرے وہ پاک ٹھہرے گا۔

10 وہ اُسے پِھر کِسی طرح نہ بدلے ۔ نہ تو اچھّے کے عِوض بُرا دے اور نہ بُرے کے عِوض اچھّا دے اور اگر وہ کِسی حال میں ایک جانور کے بدلے دُوسرا جانور دے تو وہ اور اُس کا بدل دونوں پاک ٹھہریں گے۔

11 اور اگر وہ کوئی ناپاک جانور ہو جِس کی قُربانی خُداوند کے حضُور نہیں گُذرانتے تو وہ اُسے کاہِن کے سامنے کھڑا کرے۔

12 اور خواہ وہ اچھّا ہو یا بُرا کاہِن اُس کی قِیمت ٹھہرائے ۔ اور اَے کاہِن! جو کُچھ تُو اُس کا دام ٹھہرائے گا وُہی رہے گا۔

13 اور اگر وہ چاہے کہ اُس کا فِدیہ دے کر اُسے چُھڑائے تو جو قِیمت تُو نے ٹھہرائی ہے اُس میں اُس کا پانچواں حِصّہ وہ اَور مِلا کر دے۔

14 اور اگر کوئی اپنے گھر کو مُقدّس قرار دے تاکہ وہ خُداوند کے لِئے پاک ہو تو خواہ وہ اچھّا ہو یا بُرا کاہِن اُس کی قِیمت ٹھہرائے اور جو کُچھ وہ ٹھہرائے وُہی اُس کی قِیمت رہے گی۔

15 اور جِس نے اُس گھر کو مُقدّس قرار دِیا ہے اگر وہ چاہے کہ گھر کا فِدیہ دے کر اُسے چُھڑائے تو تیری ٹھہرائی ہُوئی قِیمت میں اُس کا پانچواں حِصّہ اَور مِلا کر دے ۔ تب وہ گھر اُسی کا رہے گا۔

16 اور اگر کوئی شخص اپنے مورُوثی کھیت کا کوئی حِصّہ خُداوند کے لِئے مُقدّ س قرار دے تو تُو قِیمت کا اندازہ کرتے وقت یہ دیکھنا کہ اُس میں کِتنا بِیج بویا جائے گا ۔ جِتنی زمِین میں ایک خومر کے وزن کے برابر جَو بو سکیں اُس کی قِیمت چاندی کی پچاس مِثقال ہو۔

17 اگر کوئی سالِ یوبلی سے اپنا کھیت مُقدّس قرار دے تو اُس کی قِیمت جو تُو ٹھہرائے وُہی رہے گی۔

18 پر اگر وہ سالِ یوبلی کے بعد اپنے کھیت کو مُقدّس قرار دے تو جِتنے برس دُوسرے سالِ یوبلی کے باقی ہوں اُن ہی کے مُطابِق کاہِن اُس کے لِئے رُوپَے کا حِساب کرے اور جِتنا حِساب میں آئے اُتنا تیری ٹھہرائی ہُوئی قِیمت سے کم کِیا جائے۔

19 اور اگر وہ جِس نے اُس کھیت کو مُقدّس قرار دِیا ہے یہ چاہے کہ اُس کا فِدیہ دے کر اُسے چُھڑائے تو وہ تیری ٹھہرائی ہُوئی قِیمت کا پانچواں حِصّہ اُس کے ساتھ اَور مِلا کر دے تو وہ کھیت اُسی کا رہے گا۔

20 اور اگر وہ اُس کھیت کا فِدیہ دے کر اُسے نہ چُھڑائے یا کِسی دُوسرے شخص کے ہاتھ اُسے بیچ دے تو پِھر وہ کھیت کبھی نہ چُھڑایا جائے۔

21 بلکہ وہ کھیت جب سالِ یوبلی میں چُھوٹے تو وقف کِئے ہُوئے کھیت کی طرح وہ خُداوند کے لِئے مُقدّ س ہو گا اور کاہِن کی مِلکِیّت ٹھہرے گا۔

22 اور اگر کوئی شخص کِسی خرِیدے ہُوئے کھیت کو جو اُس کا مورُوثی نہیں خُداوند کے لِئے مُقدّس قرار دے۔

23 تو کاہِن جِتنے برس دُوسرے سالِ یوبلی کے باقی ہوں اُن کے مُطابِق تیری ٹھہرائی ہُوئی قِیمت کا حِساب اُس کے لِئے کرے اور وہ اُسی دِن تیری ٹھہرائی ہُوئی قِیمت کو خُداوند کے لِئے مُقدّس جان کر دے دے۔

24 اور سالِ یوبلی میں وہ کھیت اُسی کو واپس ہو جائے جِس سے وہ خرِیدا گیا تھا اور جِس کی وہ مِلکِیّت ہے۔

25 اور تیرے سارے قِیمت کے اندازے مَقدِس کی مِثقال کے حِساب سے ہوں اور ایک مِثقال بِیس جیراہ کا ہو۔

26 پر فقط چَوپایوں کے پہلوٹھوں کو جو پہلوٹھے ہونے کی وجہ سے خُداوند کے ٹھہر چُکے ہیں کوئی شخص مُقدّس قرار نہ دے خواہ وہ بَیل ہو یا بھیڑ بکری ۔ وہ تو خُداوند ہی کا ہے۔

27 پر اگر وہ کِسی ناپاک جانور کا پہلوٹھا ہو تو وہ شخص تیری ٹھہرائی ہُوئی قِیمت کا پانچواں حِصّہ قِیمت میں اَور مِلا کر اُس کا فِدیہ دے اور اُسے چُھڑائے اور اگر اُس کا فِدیہ نہ دِیا جائے تو وہ تیری ٹھہرائی ہُوئی قِیمت پر بیچا جائے۔

28 تَو بھی کوئی مخصُوص کی ہُوئی چِیز جِسے کوئی شخص اپنے سارے مال میں سے خُداوند کے لِئے مخصُوص کرے خواہ وہ اُس کا آدمی یا جانور یا مورُوثی زمِین ہو بیچی نہ جائے اور نہ اُس کا فِدیہ دِیا جائے ۔ ہر ایک مخصُوص کی ہُوئی چِیز خُداوند کے لِئے نِہایت پاک ہے۔

29 اگر آدمِیوں میں سے کوئی مخصُوص کِیا جائے تو اُس کا فِدیہ نہ دِیا جائے ۔ وہ ضرُور جان سے مارا جائے۔

30 اور زمِین کی پَیداوار کی ساری دَہ یکی خواہ وہ زمِین کے بِیج کی یا درخت کے پَھل کی ہو خُداوند کی ہے اور خُداوند کے لِئے پاک ہے۔

31 اور اگر کوئی اپنی دَہ یکی میں سے کُچھ چُھڑانا چاہے تو وہ اُس کا پانچواں حِصّہ اُس میں اَور مِلا کر اُسے چُھڑائے۔

32 اور گائے بَیل اور بھیڑ بکری یا جو جانور چرواہے کی لاٹھی کے نِیچے سے گُذرتا ہو اُن کی دَہ یکی یعنی دس پِیچھے ایک ایک جانور خُداوند کے لِئے پاک ٹھہرے۔

33 کوئی اُس کی دیکھ بھال نہ کرے کہ وہ اچھّا ہے یا بُرا ہے اور نہ اُسے بدلے اور اگر کہِیں کوئی اُسے بدلے تو وہ اصل اور بدل دونوں کے دونوں مُقدّس ٹھہریں اور اُس کا فِدیہ بھی نہ دِیا جائے۔

34 جو احکام خُداوند نے کوہِ سِینا پر بنی اِسرائیل کے لِئے مُوسیٰ کو دِئے وہ یِہی ہیں۔

خُرُوج 1

مِصر میں اِسرائیلیوں پر ظُلم و سِتم

1 اِسرا ئیل کے بیٹوں کے نام جو اپنے اپنے گھرانے کو لے کر یعقُوب کے ساتھ مِصر میں آئے یہ ہیں۔

2 رُو بن ۔ شمعُو ن ۔ لاو ی ۔ یہُودا ہ۔

3 اِشکار ۔ زبُولُون ۔ بِنیمین۔

4 دان ۔ نفتالی ۔ جد ۔ آشر۔

5 اور سب جانیں جو یعقُوب کے صُلب سے پَیدا ہُوئِیں ستّر تِھیں اور یُوسف تو مِصر میں پہلے ہی سے تھا۔

6 اور یُوسف اور اُس کے سب بھائی اور اُس پُشت کے سب لوگ مَر مِٹے۔

7 اور اِسرا ئیل کی اَولاد برومند اور کثِیرُالتّعداد اور فراوان اور نہایت زورآور ہو گئی اور وہ مُلک اُن سے بھر گیا۔

8 تب مِصر میں ایک نیا بادشاہ ہُؤا جو یُوسف کو نہیں جانتا تھا۔

9 اور اُس نے اپنی قَوم کے لوگوں سے کہا دیکھو اِسرائیلی ہم سے زِیادہ اور قوِی ہو گئے ہیں۔

10 سو آؤ ہم اُن کے ساتھ حِکمت سے پیش آئیں تا نہ ہو کہ جب وہ اَور زِیادہ ہو جائیں اور اُس وقت جنگ چِھڑ جائے تو وہ ہمارے دُشمنوں سے مِل کر ہم سے لڑیں اور مُلک سے نِکل جائیں۔

11 اِس لِئے اُنہوں نے اُن پر بیگار لینے والے مُقرّر کِئے جو اُن سے سخت کام لے لے کر اُن کو ستائیں ۔ سو اُنہوں نے فِرعو ن کے لِئے ذخِیرہ کے شہر پتو م اور رعمسیس بنائے۔

12 پر اُنہوں نے جِتنا اُن کو ستایا وہ اُتنا ہی زِیادہ بڑھتے اور پَھیلتے گئے ۔ اِس لِئے وہ لوگ بنی اِسرائیل کی طرف سے فِکرمند ہو گئے۔

13 اور مِصرِیوں نے بنی اِسرائیل پر تشدّد کر کر کے اُن سے کام کرایا۔

14 اور اُنہوں نے اُن سے سخت مِحنت سے گارا اور اِینٹ بنوا بنوا کر اور کھیت میں ہر قِسم کی خِدمت لے لے کر اُن کی زِندگی تلخ کی ۔ اُن کی سب خِدمتیں جو وہ اُن سے کراتے تھے تشدُّد کی تِھیں۔

15 تب مِصر کے بادشاہ نے عِبرانی دائِیوں سے جِن میں ایک کا نام سِفر ہ اور دُوسری کا فوعہ تھا باتیں کِیں۔

16 اور کہا کہ جب عِبرانی عَورتوں کے تُم بچّہ جناؤ اور اُن کو پتّھر کی بَیٹھکوں پر بَیٹھی دیکھو تو اگر بیٹا ہو تو اُسے مار ڈالنا اور اگر بیٹی ہو تو وہ جِیتی رہے۔

17 لیکن وہ دائیاں خُدا سے ڈرتی تِھیں ۔ سو اُنہوں نے مِصر کے بادشاہ کا حُکم نہ مانا بلکہ لڑکوں کو جِیتا چھوڑ دیتی تِھیں۔

18 پِھر مِصر کے بادشاہ نے دائیوں کو بُلوا کر اُن سے کہا تُم نے اَیسا کیوں کِیا کہ لڑکوں کو جِیتا رہنے دِیا؟۔

19 دائیوں نے فِرعو ن سے کہا عِبرانی عَورتیں مِصری عَورتوں کی طرح نہیں ہیں ۔ وہ اَیسی مضبُوط ہوتی ہیں کہ دائیوں کے پُہنچنے سے پہلے ہی جَن کر فارِغ ہو جاتی ہیں۔

20 پس خُدا نے دائیوں کا بھلا کِیا اور لوگ بڑھے اور بُہت زبردست ہو گئے۔

21 اور اِس سبب سے کہ دائیاں خُدا سے ڈرِیں اُس نے اُن کے گھر آباد کر دِئے۔

22 اور فِرعو ن نے اپنی قَوم کے سب لوگوں کو تاکِیداً کہا کہ اُن میں جو بیٹا پَیدا ہو تُم اُسے دریا میں ڈال دینا اور جو بیٹی ہو اُسے جِیتی چھوڑنا۔