احبار 9

ہارُون قُربانیاں چڑھاتا ہے

1 آٹھویں دِن مُوسیٰ نے ہارُون اور اُس کے بیٹوں کو اور بنی اِسرائیل کے بزُرگوں کو بُلایا اور ہارُون سے کہا کہ۔

2 خطا کی قُربانی کے لِئے ایک بے عَیب بچھڑا اور سوختنی قُربانی کے لِئے ایک بے عَیب مینڈھا تُو اپنے واسطے لے اور اُن کو خُداوند کے حضُور گُذران۔

3 اور بنی اِسرائیل سے کہہ کہ تُم خطا کی قُربانی کے لِئے ایک بکرا اور سوختنی قُربانی کے لِئے ایک بچھڑا اور ایک برّہ جو یکسالہ اور بے عَیب ہوں لو۔

4 اور سلامتی کے ذِبِیحہ کے لِئے خُداوند کے حضُور چڑھانے کے واسطے ایک بَیل اور ایک مینڈھا اور تیل مِلی ہُوئی نذر کی قُربانی بھی لو کیونکہ آج خُداوند تُم پر ظاہِر ہو گا۔

5 اور وہ جو کُچھ مُوسیٰ نے حُکم کِیا تھا سب خَیمۂِ اِجتماع کے سامنے لے آئے اور ساری جماعت نزدِیک آ کر خُداوند کے حضُور کھڑی ہُوئی۔

6 مُوسیٰ نے کہا یہ وہ کام ہے جِس کی بابت خُداوند نے حُکم دِیا ہے کہ تُم اُسے کرو اور خُداوند کا جلال تُم پر ظاہِر ہو گا۔

7 اور مُوسیٰ نے ہارُون سے کہا کہ مذبح کے نزدِیک جا اور اپنی خطا کی قُربانی اور اپنی سوختنی قُربانی گُذران اور اپنے لِئے اور قَوم کے لِئے کفّارہ دے اور جماعت کے چڑھاوے کو گُذران اور اُن کے لِئے کفّارہ دے جَیسا خُداوند نے حُکم کِیا ہے۔

8 سو ہارُون نے مذبح کے پاس جا کر اُس بچھڑے کو جو اُس کی خطا کی قُربانی کے لِئے تھا ذبح کِیا۔

9 اور ہارُون کے بیٹے خُون کو اُس کے پاس لے گئے اور اُس نے اپنی اُنگلی اُس میں ڈبو ڈبو کر اُسے مذبح کے سِینگوں پر لگایا اور باقی خُون مذبح کے پایہ پر اُنڈیل دِیا۔

10 لیکن خطا کی قُربانی کی چربی اور گُردوں اور جِگر پر کی جِھلّی کو اُس نے مذبح پر جلایا جَیسا خُداوند نے مُوسیٰ کو حُکم کِیا تھا۔

11 اور گوشت اور کھال کو لشکرگاہ کے باہر آگ میں جلایا۔

12 پِھر اُس نے سوختنی قُربانی کے جانور کو ذبح کِیا اور ہارُون کے بیٹوں نے خُون اُسے دِیا اور اُس نے اُس کو مذبح کے گِرداگِرد چِھڑکا

13 اور سوختنی قُربانی کو ایک ایک ٹُکڑا کر کے سر سمیت اُس کو دِیا اور اُس نے اُنہیں مذبح پر جلایا۔

14 اور اُس نے انتڑیوں اور پایوں کو دھویا اور اُن کو مذبح پر سوختنی قُربانی کے اُوپر جلایا۔

15 پِھر جماعت کے چڑھاوے کو آگے لا کر اور اُس بکرے کو جو جماعت کی خطا کی قُربانی کے لِئے تھا لے کر اُس کو ذبح کِیا اور پہلے کی طرح اُسے بھی خطا کے لِئے گُذرانا۔

16 اور سوختنی قُربانی کے جانور کو آگے لا کر اُس نے اُسے حُکم کے مُطابِق گُذرانا۔

17 پِھر نذر کی قُربانی کو آگے لایا اور اُس میں سے ایک مُٹّھی لے کر صبُح کی سوختنی قُربانی کے علاوہ اُسے جلایا۔

18 اور اُس نے بَیل اور مینڈھے کو جو لوگوں کی طرف سے سلامتی کے ذبِیحے تھے ذبح کِیا اور ہارُون کے بیٹوں نے خُون اُسے دِیا اور اُس نے اُس کو مذبح پر گِرداگِرد چِھڑکا۔

19 اور اُنہوں نے بَیل کی چربی کو اور مینڈھے کی موٹی دُم کو اور اُس چربی کو جِس سے انتڑیاں ڈھکی رہتی ہیں اور دونوں گُردوں اور جِگر پر کی جِھلّی کو بھی اُسے دِیا۔

20 اور چربی سِینوں پر دھر دی ۔ سو اُس نے وہ چربی مذبح پر جلائی۔

21 اور سِینہ اور دہنی ران کو ہارُون نے مُوسیٰ کے حُکم کے مُطابِق ہِلانے کی قُربانی کے طَورپر خُداوند کے حضُور ہِلایا۔

22 اور ہارُون نے جماعت کی طرف اپنے ہاتھ بڑھا کر اُن کو برکت دی اور خطا کی قُربانی اور سوختنی قُربانی اور سلامتی کی قُربانی گُذران کر نِیچے اُتر آیا۔

23 اور مُوسیٰ اور ہارُون خَیمۂِ اِجتماع میں داخِل ہُوئے اور باہر نِکل کر لوگوں کو برکت دی ۔ تب سب لوگوں پر خُداوند کا جلال نمودار ہُؤا۔

24 اور خُداوند کے حضُور سے آگ نِکلی اور سوختنی قُربانی اور چربی کو مذبح کے اُوپر بھسم کر دِیا ۔ لوگوں نے یہ دیکھ کر نعرے مارے اور سرنِگُوں ہو گئے۔

احبار 10

ندب اور اَبِیہُو کا گُناہ

1 اور ند ب اور اَبِیہُو نے جو ہارُون کے بیٹے تھے اپنے اپنے بخُور دان کو لے کر اُن میں آگ بھری اور اُس پر اَور اُوپری آگ جِس کا حُکم خُداوند نے اُن کو نہیں دِیا تھا خُداوند کے حضُور گُذرانی۔

2 اور خُداوند کے حضُور سے آگ نِکلی اور اُن دونوں کو کھا گئی اور وہ خُداوند کے حضُور مَر گئے۔

3 تب مُوسیٰ نے ہارُون سے کہا یہ وُہی بات ہے جو خُداوند نے کہی تھی کہ جو میرے نزدِیک آئیں ضرُور ہے کہ وہ مُجھے مُقدّس جانیں اور سب لوگوں کے آگے میری تمجِید کریں اور ہارُون چُپ رہا۔

4 پِھر مُوسیٰ نے میسائیل اور الصفن کو جو ہارُون کے چچا عُزِّی ایل کےبیٹے تھے بُلا کر اُن سے کہا نزدِیک آؤ اور اپنے بھائیوں کو مَقدِس کے سامنے سے اُٹھا کر لشکرگاہ کے باہر لے جاؤ۔

5 پس وہ نزدِیک گئے اور اُنہیں اُن کے کُرتوں سمیت اُٹھا کر مُوسیٰ کے حُکم کے مُطابِق لشکرگاہ کے باہر لے گئے۔

6 اور مُوسیٰ نے ہارُون اور اُس کے بیٹوں اِلیعزر اور اِتمر سے کہا کہ نہ تُمہارے سر کے بال بکھرنے پائیں اور نہ تُم اپنے کپڑے پھاڑنا تاکہ نہ تُم ہی مَرو اور نہ ساری جماعت پر اُس کا غضب نازِل ہو پر اِسرا ئیل کے سب گھرانے کے لوگ جو تُمہارے بھائی ہیں اُس آگ پر جو خُداوند نے لگائی ہے نَوحہ کریں۔

7 اور تُم خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ سے باہر نہ جانا تا اَیسا نہ ہو کہ تُم مَر جاؤ کیونکہ خُداوند کا مَسح کرنے کا تیل تُم پر لگا ہُؤا ہے ۔ سو اُنہوں نے مُوسیٰ کے کہنے کے مُطابِق عمل کِیا۔

کاہِنوں کے لِئے ضوابِط

8 اور خُداوند نے ہارُون سے کہا کہ۔

9 تُو یا تیرے بیٹے مَے یا شراب پی کر کبھی خَیمۂِ اِجتماع کے اندر داخِل نہ ہونا تاکہ تُم مَر نہ جاؤ ۔ یہ تُمہارے لِئے نسل در نسل ہمیشہ تک ایک قانُون رہے گا۔

10 تاکہ تُم مُقدّس اور عام اشیا میں اور پاک اور ناپاک میں تمیز کر سکو۔

11 اور بنی اِسرائیل کو وہ سب آئِین سِکھا سکو جو خُداوند نے مُوسیٰ کی معرفت اُن کو فرمائے ہیں۔

12 پِھر مُوسیٰ نے ہارُون اور اُس کے بیٹوں اِلیعزر اور اِتمر سے جو باقی رہ گئے تھے کہا کہ خُداوند کی آتِشِین قُربانیوں میں سے جو نذر کی قُربانی بچ رہی ہے اُسے لے لو اور بغَیر خمِیر کے اُس کو مذبح کے پاس کھاؤ کیونکہ یہ نِہایت مُقدّس ہے۔

13 اور تُم اُسے کِسی پاک جگہ میں کھانا ۔ اِس لِئے کہ خُداوند کی آتِشِین قُربانیوں میں سے تیرا اور تیرے بیٹوں کا یہ حق ہے کیونکہ مُجھے اَیسا ہی حُکم مِلا ہے۔

14 اور ہِلانے کی قُربانی کے سِینہ کو اور اُٹھانے کی قُربانی کی ران کو تُم لوگ یعنی تیرے ساتھ تیرے بیٹے اور بیٹیاں بھی کِسی صاف جگہ میں کھانا کیونکہ بنی اِسرائیل کے سلامتی کے ذبِیحوں میں سے یہ تیرا اور تیرے بیٹوں کا حق ہے جو دِیا گیا ہے۔

15 اور اُٹھانے کی قُربانی کی ران اورہِلانے کی قُربانی کا سِینہ جِسے وہ چربی کی آتِشِین قُربانیوں کے ساتھ لائیں گے تاکہ وہ خُداوند کے حضُور ہِلانے کی قُربانی کے طَور پر ہِلائے جائیں ۔ یہ دونوں ہمیشہ کے لِئے خُداوند کے حُکم کے مُطابِق تیرا اور تیرے بیٹوں کا حق ہو گا۔

16 پِھر مُوسیٰ نے خطا کی قُربانی کے بکرے کو جو بُہت تلاش کِیا تو کیا دیکھتا ہے کہ وہ جل چُکا ہے ۔ تب وہ ہارُون کے بیٹوں اِلیعزر اور اِتمر پر جو بچ رہے تھے ناراض ہُؤا اور کہنے لگا کہ۔

17 خطا کی قُربانی جو نِہایت مُقدّس ہے اور جِسے خُداوند نے تُم کو اِس لِئے دِیا ہے کہ تُم جماعت کے گُناہ کو اپنے اُوپر اُٹھا کر خُداوند کے حضُور اُن کے لِئے کفّارہ دو تُم نے اُس کا گوشت مَقدِس میں کیوں نہ کھایا؟۔

18 دیکھو! اُس کا خُون مَقدِس میں تو لایا ہی نہیں گیا تھا ۔ پس تُم کو لازِم تھا کہ میرے حُکم کے مُطابِق تُم اُسے مَقدِس میں کھا لیتے۔

19 تب ہارُون نے مُوسیٰ سے کہا دیکھ! آج ہی اُنہوں نے اپنی خطا کی قُربانی اور اپنی سوختنی قُربانی خُداوند کے حضُور گُذرانی اور مُجھ پر اَیسے اَیسے حادثے گُذر گئے ۔ پس اگر مَیں آج خطا کی قُربانی کا گوشت کھاتا تو کیا یہ بات خُداوند کی نظر میں بھلی ہوتی؟۔

20 جب مُوسیٰ نے یہ سُنا تو اُسے پسند آیا۔

احبار 11

جانور جو کھائے جا سکتے ہیں

1 پِھر خُداوند نے مُوسیٰ اور ہارُون سے کہا۔

2 تُم بنی اِسرائیل سے کہو کہ زمِین کے سب حَیوانات میں سے جِن جانوروں کو تُم کھا سکتے ہو وہ یہ ہیں۔

3 جانوروں میں جِن کے پاؤں الگ اور چِرے ہُوئے ہیں اور وہ جُگالی کرتے ہیں تُم اُن کو کھاؤ۔

4 مگر جو جُگالی کرتے ہیں یا جِن کے پاؤں الگ ہیں اُن میں سے تُم اِن جانوروں کو نہ کھانا یعنی اُونٹ کو کیونکہ وہ جُگالی کرتا ہے پر اُس کے پاؤں الگ نہیں ۔ سو وہ تُمہارے لِئے ناپاک ہے۔

5 اور سافان کو کیونکہ وہ جُگالی کرتا ہے پر اُس کے پاؤں الگ نہیں ۔ وہ بھی تُمہارے لِئے ناپاک ہے۔

6 اور خرگوش کو کیونکہ وہ جُگالی تو کرتا ہے پر اُس کے پاؤں الگ نہیں ۔ وہ بھی تُمہارے لِئے ناپاک ہے۔

7 اور سُؤر کو کیونکہ اُس کے پاؤں الگ اور چِرے ہُوئے ہیں پر وہ جُگالی نہیں کرتا ۔ وہ بھی تُمہارے لِئے ناپاک ہے۔

8 تُم اُن کا گوشت نہ کھانا اور اُن کی لاشوں کو نہ چُھونا ۔ وہ تُمہارے لِئے ناپاک ہیں۔

9 جو جانور پانی میں رہتے ہیں اُن میں سے تُم اِن کو کھانا یعنی سمُندروں اور دریاؤں وغیرہ کے جانوروں میں جِن کے پَر اور چِھلکے ہوں تُم اُنہیں کھاؤ۔

10 لیکن وہ سب جاندار جو پانی میں یعنی سمُندروں اور دریاؤں وغیرہ میں چلتے پِھرتے اور رہتے ہیں لیکن اُن کے پَر اور چِھلکے نہیں ہوتے وہ تُمہارے لِئے مکرُوہ ہیں۔

11 اور وہ تُمہارے لِئے مکرُوہ ہی رہیں ۔ تُم اُن کا گوشت نہ کھانا اور اُن کی لاشوں سے کراہِیّت کرنا۔

12 پانی کے جِس کِسی جاندار کے نہ پَر ہوں اور نہ چِھلکے وہ تُمہارے لِئے مکرُوہ ہے۔

13 اور پرِندوں میں جو مکرُوہ ہونے کے سبب سے کبھی کھائے نہ جائیں اور جِن سے تُمہیں کراہِیّت کرنا ہے سو یہ ہیں۔ عُقاب اور اُستخوان خوار اور لگڑ۔

14 اور چِیل اور ہر قِسم کا باز۔

15 اور ہر قِسم کے کوّے۔

16 اور شُترمُرغ اور چُغد اور کوکل اور ہر قِسم کے شاہِین۔

17 اور بُوم اور ہڑگیلا اور اُلُّو۔

18 اور قاز اور حواصِل اور گِدھ۔

19 اور لق لق اور سب قِسم کے بگلے اور ہُدہُد اور چمگادڑ۔

20 اور سب پردار رینگنے والے جاندار جِتنے چار پاؤں کے بل چلتے ہیں وہ تُمہارے لِئے مکرُوہ ہیں۔

21 مگر پَردار رینگنے والے جانداروں میں سے جو چار پاؤں کے بل چلتے ہیں تُم اُن جانداروں کو کھا سکتے ہو جِن کے زمِین کے اُوپر کُودنے پھاندنے کو پاؤں کے اُوپر ٹانگیں ہوتی ہیں۔

22 وہ جِنہیں تُم کھا سکتے ہو یہ ہیں ۔ ہر قِسم کی ٹِڈّی اور ہر قِسم کا سُلعام اور ہر قِسم کا جِھینگر اور ہر قِسم کا ٹِڈّا۔

23 پر سب پَردار رینگنے والے جاندار جِن کے چار پاؤں ہیں وہ تُمہارے لِئے مکرُوہ ہیں۔

24 اور اِن سے تُم ناپاک ٹھہرو گے ۔ جو کوئی اِن میں سے کِسی کی لاش کو چُھوئے وہ شام تک ناپاک رہے گا۔

25 اور جو کوئی اِن کی لاش میں سے کُچھ بھی اُٹھائے وہ اپنے کپڑے دھو ڈالے اور وہ شام تک ناپاک رہے گا۔

26 اور سب چارپائے جِن کے پاؤں الگ ہیں پر وہ چِرے ہُوئے نہیں اور نہ وہ جُگالی کرتے ہیں وہ تُمہارے لِئے ناپاک ہیں ۔ جو کوئی اُن کو چُھوئے وہ ناپاک ٹھہرے گا۔

27 اور چار پاؤں پر چلنے والے جانوروں میں سے جِتنے اپنے پنجوں کے بل چلتے ہیں وہ بھی تُمہارے لِئے ناپاک ہیں ۔ جو کوئی اُن کی لاش کو چُھوئے وہ شام تک ناپاک رہے گا۔

28 اور جو کوئی اُن کی لاش کو اُٹھائے وہ اپنے کپڑے دھو ڈالے اور وہ شام تک ناپاک رہے گا۔ یہ سب تُمہارے لِئے ناپاک ہیں۔

29 اور زمِین پر کے رینگنے والے جانوروں میں سے جو تُمہارے لِئے ناپاک ہیں وہ یہ ہیں یعنی نیولا اور چُوہا اور ہر قِسم کی بڑی چُھپکلی۔

30 اور حِرذُون اور گوہ اور چُھپکلی اور سانڈا اور گِرگٹ۔

31 سب رینگنے والے جانداروں میں سے یہ تُمہارے لِئے ناپاک ہیں ۔ جو کوئی اُن کے مَرے پِیچھے اُن کو چُھوئے وہ شام تک ناپاک رہے گا۔

32 اور جِس چِیز پر وہ مَرے پِیچھے گِریں وہ چِیز ناپاک ہو گی خواہ وہ لکڑی کا برتن ہو یا کپڑا یا چمڑا یا بورا ہو ۔ خواہ کِسی کا کَیسا ہی برتن ہو ضرُور ہے کہ وہ پانی میں ڈالا جائے اور وہ شام تک ناپاک رہے گا ۔ اِس کے بعد وہ پاک ٹھہرے گا۔

33 اور اگر اِن میں سے کوئی کِسی مِٹّی کے برتن میں گِر جائے تو جو کُچھ اُس میں ہے وہ ناپاک ہو گا اور برتن کو تُم توڑ ڈالنا۔

34 اُس کے اندر اگر کھانے کی کوئی چِیز ہو جِس میں پانی پڑا ہُؤا ہوتو وہ بھی ناپاک ٹھہرے گی اور اگر اَیسے برتن میں پِینے کے لِئے کُچھ ہو تو وہ ناپاک ہو گا۔

35 اور جِس چِیز پر اُن کی لاش کا کوئی حِصّہ گِرے خواہ وہ تنُور ہو یا چُولھا وہ ناپاک ہو گی اور توڑ ڈالی جائے ۔ اَیسی چِیزیں ناپاک ہوتی ہیں اور وہ تُمہارے لِئے بھی ناپاک ہوں۔

36 مگر چشمہ یا تالاب جِس میں بُہت پانی ہو وہ پاک رہے گا پر جو کُچھ اُن کی لاش سے چُھو جائے وہ ناپاک ہو گا۔

37 اور اگر اُن کی لاش کا کُچھ حِصّہ کِسی بونے کے بِیج پر گِرے تو وہ بیج پاک رہے گا۔

38 پر اگر بیج پر پانی ڈالا گیا ہو اور اِس کے بعد اُن کی لاش میں سے کُچھ اُس پر گِرا ہو تو وہ تُمہارے لِئے ناپاک ہو گا۔

39 اور جِن جانوروں کو تُم کھا سکتے ہو اگر اُن میں سے کوئی مَر جائے تو جو کوئی اُس کی لاش کو چُھوئے وہ شام تک ناپاک رہے گا۔

40 اور جو کوئی اُن کی لاش میں سے کُچھ کھائے وہ اپنے کپڑے دھو ڈالے اور وہ شام تک ناپاک رہے گا اور جو کوئی اُن کی لاش کو اُٹھائے وہ اپنے کپڑے دھو ڈالے اور وہ شام تک ناپاک رہے گا۔

41 اور سب رینگنے والے جاندار جو زمِین پر رینگتے ہیں مکرُوہ ہیں اور کبھی کھائے نہ جائیں۔

42 اور زمِین پر کے سب رینگنے والے جانداروں میں سے جِتنے پیٹ یا چار پاؤں کے بل چلتے ہیں یا جِن کے بُہت سے پاؤں ہوتے ہیں اُن کو تُم نہ کھانا کیونکہ وہ مکرُوہ ہیں۔

43 اور تُم کِسی رینگنے والے جاندار کے سبب سے جو زمِین پر رینگتا ہے اپنے آپ کو مکرُوہ نہ بنا لینا اور نہ اُن سے اپنے آپ کو ناپاک کرنا کہ نجِس ہو جاؤ۔

44 کیونکہ مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں ۔ اِس لِئے اپنے آپ کو مُقدّس کرنا اور پاک ہونا کیونکہ مَیں قُدُّوس ہُوں ۔ سو تُم کِسی طرح کے رینگنے والے جاندار سے جو زمِین پر چلتا ہے اپنے آپ کو ناپاک نہ کرنا۔

45 کیونکہ مَیں خُداوند ہُوں اور تُم کو مُلکِ مِصر سے اِسی لِئے نکال کر لایا ہُوں کہ مَیں تُمہارا خُدا ٹھہروں ۔ اِس لِئے تُم مُقدّس ہونا کیونکہ مَیں قُدُّوس ہُوں۔

46 حَیوانات اور پرِندوں اور آبی جانوروں اور زمِین پر کے سب رینگنے والے جانداروں کے بارے میں شرع یِہی ہے۔

47 تاکہ پاک اور ناپاک میں اور جو جانور کھائے جا سکتے ہیں اور جو نہیں کھائے جا سکتے اُن کے درمیان اِمتیاز کِیا جائے۔

احبار 12

زچگی کے بعد عَورت کی طہارت

1 اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا۔

2 بنی اِسرائیل سے کہہ کہ اگر کوئی عَورت حامِلہ ہو اور اُس کے لڑکا ہو تو وہ سات دِن ناپاک رہے گی جَیسے حَیض کے ایّام میں رہتی ہے۔

3 اور آٹھویں دِن لڑکے کا خَتنہ کِیا جائے۔

4 اِس کے بعد تَینتیس دِن تک وہ طہارت کے خُون میں رہے اور جب تک اُس کی طہارت کے ایّام پُورے نہ ہوں تب تک نہ تو کِسی مُقدّس چِیز کو چُھوئے اور نہ مَقدِس میں داخِل ہو۔

5 اور اگر اُس کے لڑکی ہو تو وہ دو ہفتے ناپاک رہے گی جَیسے حَیض کے ایّام میں رہتی ہے ۔ اِس کے بعد وہ چھیاسٹھ دِن تک طہارت کے خُون میں رہے۔

6 اور جب اُس کی طہارت کے ایّام پُورے ہو جائیں تو خواہ اُس کے بیٹا ہُؤا ہو یا بیٹی وہ سوختنی قُربانی کے لِئے ایک یکسالہ برّہ اور خطا کی قُربانی کے لِئے کبُوتر کا ایک بچّہ یا ایک قُمری خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر کاہِن کے پاس لائے۔

7 اور کاہِن اُسے خُداوند کے حضُور گُذرانے اور اُس کے لِئے کفّارہ دے ۔ تب وہ اپنے جریانِ خُون سے پاک ٹھہرے گی ۔ جِس عَورت کے لڑکا یا لڑکی ہو اُس کے بارے میں شرع یہ ہے۔

8 اور اگر اُس کو برّہ لانے کا مقدُور نہ ہو تو وہ دو قُمرِیاں یا کبُوتر کے دو بچّے ایک سوختنی قُربانی کے لِئے اور دُوسرا خطا کی قُربانی کے لئے لائے ۔ یُوں کاہِن اُس کے لِئے کفّارہ دے تو وہ پاک ٹھہرے گی۔

احبار 13

جِلدی بیماریوں کے قوانِین

1 پِھر خُداوند نے مُوسیٰ اور ہارُون سے کہا۔

2 اگر کِسی کے جِسم کی جِلد میں ورم یا پپڑی یا سفید چمکتا ہُؤا داغ ہو اور اُس کے جِسم کی جِلد میں کوڑھ سی بلا ہو تو اُسے ہارُون کاہِن کے پاس یا اُس کے بیٹوں میں سے جو کاہِن ہیں کِسی کے پاس لے جائیں۔

3 اور کاہِن اُس کے جِسم کی جِلد کی بلا کو دیکھے ۔ اگر اُس بلا کی جگہ کے بال سفید ہو گئے ہوں اور وہ بلا دیکھنے میں کھال سے گہری ہوتو وہ کوڑھ کا مرض ہے اور کاہِن اُس شخص کو دیکھ کر اُسے ناپاک قرار دے۔

4 اور اگر اُس کے جِسم کی جِلد کا چمکتا ہُؤا داغ سفید تو ہو پر کھال سے گہرا نہ دِکھائی دے اور نہ اُس کے اُوپر کے بال سفید ہو گئے ہوں تو کاہِن اُس شخص کو سات دِن تک بند رکھّے۔

5 اور ساتویں دِن کاہِن اُسے مُلاحظہ کرے اور اگر وہ بلا اُسے وہِیں کی وہِیں دِکھائی دے اور جِلد پر پَھیل نہ گئی ہو تو کاہِن اُسے سات دِن اَور بند رکھّے۔

6 اور ساتویں دِن کاہِن اُسے پِھر مُلاحظہ کرے اور اگر دیکھے کہ اُس بلا کی چمک کم ہے اور وہ جِلد کے اُوپر پَھیلی بھی نہیں ہے تو کاہِن اُسے پاک قرار دے کیونکہ وہ پپڑی ہے ۔ سو وہ اپنے کپڑے دھو ڈالے اور صاف ہو جائے۔

7 لیکن اگر کاہِن کے اُس مُلاحظہ کے بعد جِس میں وہ صاف قرار دِیا گیا تھا وہ پپڑی اُس کی جِلد پر بُہت پَھیل جائے تو وہ شخص کاہِن کو پِھر دِکھایا جائے۔

8 اور کاہِن اُسے مُلاحظہ کرے اور اگر دیکھے کہ وہ پپڑی جِلدپر پَھیل گئی ہے تو وہ اُسے ناپاک قرار دے کیونکہ وہ کوڑھ ہے۔

9 اگر کِسی شخص کو کوڑھ کا مرض ہو تو اُسے کاہِن کے پاس لے جائیں۔

10 اور کاہِن اُسے مُلاحظہ کرے اور اگر دیکھے کہ جِلدپر سفید ورم ہے اور اُس نے بالوں کو سفید کر دِیا ہے اور اُس ورم کی جگہ کا گوشت جِیتا اور کچّا ہے۔

11 تو یہ اُس کے جِسم کی جِلد میں پُرانا کوڑھ ہے ۔ سو کاہِن اُسے ناپاک قرار دے پر اُسے بند نہ کرے کیونکہ وہ ناپاک ہے۔

12 اور اگر کوڑھ جِلد میں چاروں طرف پُھوٹ آئے اورجہاں تک کاہِن کو دِکھائی دیتا ہے یِہی معلُوم ہو کہ اُس کی جِلد سر سے پاؤں تک کوڑھ سے ڈھک گئی ہے۔

13 تو کاہِن غَور سے دیکھے اور اگر اُس شخص کا سارا جِسم کوڑھ سے ڈھکا ہُؤا نِکلے تو کاہِن اُس مرِیض کو پاک قرار دے کیونکہ وہ سب سفید ہو گیا ہے اور وہ پاک ہے۔

14 پر جِس دِن جِیتا اور کچّا گوشت اُس پر دِکھائی دے وہ ناپاک ہو گا۔

15 اور کاہِن اُس کچّے گوشت کو دیکھ کر اُس شخص کو ناپاک قرار دے ۔ کچّا گوشت ناپاک ہوتا ہے ۔ وہ کوڑھ ہے۔

16 اور اگر وہ کچّا گوشت پِھر کر سفید ہو جائے تووہ کاہِن کے پاس جائے۔

17 اور کاہِن اُسے مُلاحظہ کرے اور اگر دیکھے کہ مرض کی جگہ سب سفید ہو گئی ہے تو کاہِن مرِیض کو پاک قرار دے وہ پاک ہے۔

18 اور اگر کِسی کے جِسم کی جِلد پر پھوڑا ہو کر اچھّا ہو جائے۔

19 اور پھوڑے کی جگہ سفید ورم یا سُرخی مائِل چمکتا ہُؤا سفید داغ ہو تو وہ کاہِن کو دِکھایا جائے۔

20 اور کاہِن اُسے مُلاحظہ کرے اور اگر دیکھے کہ وہ کھال سے گہرا نظر آتا ہے اور اُس پر کے بال بھی سفید ہو گئے ہیں تو کاہِن اُس شخص کو ناپاک قرار دے کیونکہ وہ کوڑھ ہے جو پھوڑے میں سے پُھوٹ کر نِکلا ہے۔

21 پر اگر کاہِن دیکھے کہ اُس پر سفید بال نہیں اور وہ کھال سے گہرا بھی نہیں ہے اور اُس کی چمک کم ہے تو کاہِن اُسے سات دِن تک بند رکھّے۔

22 اور اگر وہ جِلد پر چاروں طرف پَھیل جائے تو کاہِن اُسے ناپاک قرار دے کیونکہ وہ کوڑھ کی بلا ہے۔

23 پر اگر وہ چمکتا ہُؤا داغ اپنی جگہ پر وہِیں کا وہِیں رہے اور پَھیل نہ جائے تو وہ پھوڑے کا داغ ہے ۔ پس کاہِن اُس شخص کو پاک قرار دے۔

24 یا اگر جِسم کی کھال کہِیں سے جل جائے اور اُس جلی ہُوئی جگہ کا جِیتا گوشت ایک سُرخی مائِل چمکتا ہُؤا سفید داغ یا بِالکُل ہی سفید داغ بن جائے۔

25 تو کاہِن اُسے مُلاحظہ کرے اور اگر دیکھے کہ اُس چمکتے ہُوئے داغ کے بال سفید ہو گئے ہیں اور وہ کھال سے گہرا دِکھائی دیتا ہے تو وہ کوڑھ ہے جو اُس جل جانے سے پَیدا ہُؤا ہے اور کاہِن اُس شخص کو ناپاک قرار دے کیونکہ اُسے کوڑھ کی بِیماری ہے۔

26 لیکن اگر کاہِن دیکھے کہ اُس چمکتے ہُوئے داغ پر سفید بال نہیں اور نہ وہ کھال سے گہرا ہے بلکہ اُس کی چمک بھی کم ہے تو وہ اُسے سات دِن تک بند رکھّے۔

27 اور ساتویں دِن کاہِن اُسے دیکھے ۔ اگر وہ جِلد پر بُہت پَھیل گیا ہو تو کاہِن اُس شخص کو ناپاک قرار دے کیونکہ اُسے کوڑھ کی بیماری ہے۔

28 اور اگر وہ چمکتا ہُؤا داغ اپنی جگہ پر وہِیں کا وہِیں رہے اور جِلد پر پَھیلا ہُؤا نہ ہو بلکہ اُس کی چمک بھی کم ہو تو وہ فقط جل جانے کے باعِث پُھولا ہُؤا ہے اور کاہِن اُس شخص کو پاک قرار دے کیونکہ وہ داغ جل جانے کے سبب سے ہے۔

29 اگر کِسی مَرد یا عَورت کے سر یا ٹھوڑی میں داغ ہو۔

30 تو کاہِن اُس داغ کو مُلاحظہ کرے اور اگر دیکھے کہ وہ کھال سے گہرا معلُوم ہوتا ہے اور اُس پر زرد زرد بارِیک رَونگٹے ہیں تو کاہِن اُس شخص کو ناپاک قرار دے کیونکہ وہ سعفہ ہے جو سر یا ٹھوڑی کا کوڑھ ہے۔

31 اور اگر کاہِن دیکھے کہ وہ سعفہ کی بلا کھال سے گہری نہیں معلُوم ہوتی اور اُس پر سِیاہ بال نہیں ہیں تو کاہِن اُس شخص کو جِسے سعفہ کا مرض ہے سات دِن تک بند رکھّے۔

32 اور ساتویں دِن کاہِن اُس بلا کا مُلاحظہ کرے اور اگر دیکھے کہ سعفہ پَھیلا نہیں اور اُس پر کوئی زرد بال بھی نہیں اور سعفہ کھال سے گہرا نہیں معلُوم ہوتا۔

33 تو اُس شخص کے بال مُونڈے جائیں لیکن جہاں سعفہ ہو وہ جگہ نہ مُونڈی جائے اور کاہِن اُس شخص کو جِسے سعفہ کا مرض ہے سات دِن اَور بند رکھّے۔

34 پِھر ساتویں روز کاہِن سعفہ کا مُلاحظہ کرے اور اگر دیکھے کہ سعفہ جِلد میں پَھیلا نہیں اور نہ وہ کھال سے گہرا دِکھائی دیتا ہے تو کاہِن اُس شخص کو پاک قرار دے اور وہ اپنے کپڑے دھوئے اور صاف ہو جائے۔

35 پر اگر اُس کی صفائی کے بعد سعفہ اُس کی جِلد پر بُہت پَھیل جائے تو کاہِن اُسے دیکھے۔

36 اور اگر سعفہ اُس کی جِلد پر پَھیلا ہُؤا نظر آئے تو کاہِن زرد بال کو نہ ڈُھونڈے کیونکہ وہ شخص ناپاک ہے۔

37 پر اگر اُس کو سعفہ اپنی جگہ پر وہِیں کا وہِیں دِکھائی دے اور اُس پر سِیاہ بال نِکلے ہُوئے ہوں تو سعفہ اچھّا ہو گیا ۔ وہ شخص پاک ہے اور کاہِن اُسے پاک قرار دے۔

38 اور اگر کِسی مَرد یا عَورت کے جِسم کی جِلد میں چمکتے ہُوئے داغ یا سفید چمکتے ہُوئے داغ ہوں۔

39 تو کاہِن دیکھے اور اگر اُن کے جِسم کی جِلد کے داغ سِیاہی مائِل سفید رنگ کے ہوں تو وہ چِھیپ ہے جو جِلد میں پُھوٹ نِکلی ہے ۔ وہ شخص پاک ہے۔

40 اور جِس شخص کے سر کے بال گِر گئے ہوں وہ گنجا تو ہے مگر پاک ہے۔

41 اور جِس شخص کے سر کے بال پیشانی کی طرف سے گِر گئے ہوں وہ چندلا تو ہے مگر پاک ہے۔

42 لیکن اُس گنجے یا چندلے سر پر سُرخی مائِل سفید داغ ہو تو یہ کوڑھ ہے جو اُس کے گنجے یا چندلے سر پر نِکلاہے۔

43 سو کاہِن اُسے مُلاحظہ کرے اور اگر وہ دیکھے کہ اُس کے گنجے یا چندلے سر پر وہ داغ اَیسا سُرخی مائِل سفید رنگ لِئے ہُوئے ہے جَیسا جِلد کے کوڑھ میں ہوتا ہے۔

44 تو وہ آدمی کوڑھی ہے ۔ وہ ناپاک ہے اور کاہِن اُسے ضرُور ہی ناپاک قرار دے کیونکہ وہ مرض اُس کے سر پر ہے۔

45 اور جو کوڑھی اِس بلا میں مُبتلا ہو اُس کے کپڑے پھٹے اور اُس کے سر کے بال بِکھرے رہیں اور وہ اپنے اُوپر کے ہونٹ کو ڈھانکے اور چِلاّ چِلاّ کر کہے ناپاک ناپاک۔

46 جِتنے دِنوں تک وہ اِس بلا میں مُبتلا رہے وہ ناپاک رہے گا اور وہ ہے بھی ناپاک ۔ پس وہ اکیلا رہا کرے ۔ اُس کا مکان لشکرگاہ کے باہر ہو۔

پَھپھُوندی کے قوانِین

47 اور وہ کپڑا بھی جِس میں کوڑھ کی بلا ہو خواہ وہ اُون کا ہو یا کتان کا۔

48 اور وہ بلا بھی خواہ کتان یا اُون کے کپڑے کے تانے میں یا اُس کے بانے میں ہو یا وہ چمڑے میں ہو یا چمڑے کی بنی ہُوئی کِسی چِیز میں ہو۔

49 اگر وہ بلا کپڑے میں یا چمڑے میں ۔کپڑے کے تانے میں یا بانے میں یا چمڑے کی کِسی چِیز میں سبزی مائِل یا سُرخی مائِل رنگ کی ہو تو وہ کوڑھ کی بلا ہے اور کاہِن کو دِکھائی جائے۔

50 اور کاہِن اُس بلا کو دیکھے اور اُس چِیز کو جِس میں وہ بلا ہے سات دِن تک بند رکھّے۔

51 اور ساتویں دِن اُس کو دیکھے ۔ اگر وہ بلا کپڑے کے تانے میں یا بانے میں یا چمڑے پر یا چمڑے کی بنی ہُوئی کِسی چِیز پر پَھیل گئی ہو تو وہ کھا جانے والا کوڑھ ہے اور ناپاک ہے۔

52 اور اُس اُون یا کتان کے کپڑے کو جِس کے تانے میں یا بانے میں وہ بلا ہے یا چمڑے کی اُس چِیز کو جِس میں وہ ہے جلا دے کیونکہ یہ کھا جانے والا کوڑھ ہے ۔ وہ آگ میں جلایا جائے۔

53 اور اگر کاہِن دیکھے کہ وہ بلا کپڑے کے تانے میں یا بانے میں یاچمڑے کی کِسی چِیز میں پَھیلی ہُوئی نظر نہیں آتی۔

54 تو کاہِن حُکم کرے کہ اُس چِیز کو جِس میں وہ بلا ہے دھوئیں اور وہ پِھر اُسے اَور سات دِن تک بند رکھّے۔

55 اور اُس بلا کے دھوئے جانے کے بعد کاہِن پِھر اُسے مُلاحظہ کرے اور اگر دیکھے کہ اُس بلا کا رنگ نہیں بدلا اور وہ پَھیلی بھی نہیں ہے تو وہ ناپاک ہے ۔ تُو اُس کپڑے کو آگ میں جلا دینا کیونکہ وہ کھا جانے والی بلا ہے خواہ اُس کا فساد اندرُونی ہو یا بیرُونی۔

56 اور اگر کاہِن دیکھے کہ دھونے کے بعد اُس بلا کی چمک کم ہو گئی ہے تو وہ اُسے اُس کپڑے سے یا چمڑے سے ۔ تانے یا بانے سے پھاڑ کر نِکال پھینکے۔

57 اور اگر وہ بلا پِھر بھی کپڑے کے تانے یا بانے میں یا چمڑے کی چِیز میں دِکھائی دے تو وہ پُھوٹ کر نِکل رہی ہے ۔ پس تُو اُس چِیز کو جِس میں وہ بلا ہے آگ میں جلا دینا۔

58 اور اگر اُس کپڑے کے تانے یا بانے میں سے یا چمڑے کی چِیز میں سے جِسے تُونے دھویا ہے وہ بلا جاتی رہے تو وہ چِیز دوبارہ دھوئی جائے اور وہ پاک ٹھہرے گی۔

59 اُون یا کتان کے تانے یا بانے میں یا چمڑے کی کِسی چِیز میں اگر کوڑھ کی بلا ہو تو اُسے پاک یا ناپاک قرار دینے کے لِئے شرع یِہی ہے۔

احبار 14

جِلدی بیماریوں کے بعد پاک ٹھہرایا جانا

1 پِھر خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا۔

2 کہ کوڑھی کے لِئے جِس دِن وہ پاک قرار دِیا جائے یہ شرع ہے کہ اُسے کاہِن کے پاس لے جائیں۔

3 اور کاہِن لشکرگاہ کے باہر جائے اور کاہِن خُود کوڑھی کو مُلاحظہ کرے اور اگر دیکھے کہ اُس کا کوڑھ اچھّا ہو گیا ہے۔

4 تو کاہِن حُکم دے کہ وہ جو پاک قرار دِیا جانے کو ہے اُس کے لِئے دو زِندہ پاک پرِندے اور دیودار کی لکڑی اور سُرخ کپڑا اور زُوفا لیں۔

5 اور کاہِن حُکم دے کہ اُن میں سے ایک پرِندہ کِسی مِٹّی کے برتن میں بہتے ہُوئے پانی کے اُوپر ذبح کِیا جائے۔

6 پِھر وہ زِندہ پرِندہ کو اور دیودار کی لکڑی اور سُرخ کپڑے اور زُوفا کو لے اور اِن کو اور اُس زِندہ پرِندہ کو اُس پرِندہ کے خُون میں غوطہ دے جو بہتے پانی پر ذبح ہو چُکا ہے۔

7 اور اُس شخص پر جو کوڑھ سے پاک قرار دِیا جانے کو ہے سات بار چِھڑک کر اُسے پاک قرار دے اور زِندہ پرِندہ کو کُھلے مَیدان میں چھوڑ دے۔

8 اور وہ جو پاک قرار دِیا جائے گا اپنے کپڑے دھوئے اور سارے بال مُنڈائے اور پانی میں غُسل کرے ۔ تب وہ پاک ٹھہرے گا ۔ اِس کے بعد وہ لشکرگاہ میں آئے پر سات دِن تک اپنے خَیمہ کے باہر ہی رہے۔

9 اور ساتویں روز اپنے سر کے سب بال اور اپنی داڑھی اور اپنے ابرُو غرض اپنے سارے بال مُنڈائے اور اپنے کپڑے دھوئے اور پانی میں نہائے تب وہ پاک ٹھہرے گا۔

10 اور وہ آٹھویں دِن دو بے عَیب نر برّے اور ایک بے عَیب یکسالہ مادہ برّہ اور نذر کی قُربانی کے لِئے ایفہ کے تِین دہائی حِصّہ کے برابر تیل مِلا ہُؤا مَیدہ اور لوج بھر تیل لے۔

11 تب وہ کاہِن جو اُسے پاک قرار دے گا اُس شخص کو جو پاک قرار دِیا جائے گا اور اِن چِیزوں کو خُداوند کے حضُور خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر حاضِر کرے۔

12 اور کاہِن نر برّوں میں سے ایک کو لے کر جُرم کی قُربانی کے لِئے اُسے اور اُس لوج بھر تیل کو نزدِیک لائے اور اُن کو ہِلانے کی قُربانی کے طَور پر خُداوند کے حضُور ہِلائے۔

13 اور اُس برّہ کو مَقدِس میں اُس جگہ ذبح کرے جہاں خطا کی قُربانی اور سوختنی قُربانی کے جانور ذبح کِئے جاتے ہیں کیونکہ جُرم کی قُربانی خطا کی قُربانی کی طرح کاہِن کا حِصّہ ٹھہرے گی ۔ وہ نِہایت مُقدّس ہے۔

14 اور کاہِن جُرم کی قُربانی کا کُچھ خُون لے اور جو شخص پاک قرار دِیا جائے گا اُس کے دہنے کان کی لَو پر اور دہنے ہاتھ کے انگُوٹھے پر اور دہنے پاؤں کے انگُوٹھے پر اُسے لگائے۔

15 اور کاہِن اُس لوج بھر تیل میں سے کُچھ لے کر اپنے بائیں ہاتھ کی ہتھیلی میں ڈالے۔

16 اور کاہِن اپنی دہنی اُنگلی کو اپنے بائیں ہاتھ کے تیل میں ڈبوئے اور خُداوند کے حضُور کُچھ تیل سات بار اپنی اُنگلی سے چِھڑکے۔

17 اور کاہِن اپنے ہاتھ کے باقی تیل میں سے کُچھ لے اور جو شخص پاک قرار دِیا جائے گا اُس کے دہنے کان کی لَو پر اور اُس کے دہنے ہاتھ کے انگُوٹھے اور دہنے پاؤں کے انگُوٹھے پر جُرم کی قُربانی کے خُون کے اُوپر لگائے۔

18 اور جو تیل کاہِن کے ہاتھ میں باقی بچے اُسے وہ اُس شخص کے سر میں ڈال دے جو پاک قرار دِیا جائے گا ۔ یُوں کاہِن اُس کے لِئے خُداوند کے حضُور کفّارہ دے۔

19 اور کاہِن خطا کی قُربانی بھی گُذرانے اور اُس کے لِئے جو اپنی ناپاکی سے پاک قرار دِیا جائے گا کفّارہ دے ۔ اِس کے بعد وہ سوختنی قُربانی کے جانور کو ذبح کرے۔

20 پِھر کاہِن سوختنی قُربانی اور نذر کی قُربانی کو مذبح پر چڑھائے ۔ یُوں کاہِن اُس کے لِئے کفّارہ دے تو وہ پاک ٹھہرے گا۔

21 اور اگر وہ غریب ہو اور اِتنا اُسے مقدُور نہ ہو تو وہ ہِلانے کے واسطے جُرم کی قُربانی کے لِئے ایک نر برّہ لے تاکہ اُس کے لِئے کفّارہ دِیا جائے اور نذر کی قُربانی کے لِئے ایفہ کے دسویں حِصّہ کے برابر تیل مِلا ہُؤا مَیدہ اور لوج بھر تیل۔

22 اور اپنے مقدُور کے مُطابِق دو قُمریاں یا کبُوتر کے دو بچّے بھی لے جِن میں سے ایک تو خطا کی قُربانی کے لِئے اور دُوسرا سوختنی قُربانی کے لِئے ہو۔

23 اِنہیں وہ آٹھویں دِن اپنے پاک قرار دِئے جانے کے لِئے کاہِن کے پاس خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر خُداوند کے حضُور لائے۔

24 اور کاہِن جُرم کی قُربانی کے برّہ کو اور اُس لوج بھر تیل کو لے کر اُن کو خُداوند کے حضُور ہِلانے کی قُربانی کے طَور پر ہِلائے۔

25 پِھر کاہِن جُرم کی قُربانی کے برّہ کو ذبح کرے اور وہ جُرم کی قُربانی کا کُچھ خُون لے کر جو شخص پاک قرار دِیا جائے گا اُس کے دہنے کان کی لَو پر اور دہنے ہاتھ کے انگُوٹھے اور دہنے پاؤں کے انگُوٹھے پر اُسے لگائے۔

26 پِھر کاہِن اُس تیل میں سے کُچھ اپنے بائیں ہاتھ کی ہتھیلی میں ڈالے۔

27 اور وہ اپنے بائیں ہاتھ کے تیل میں سے کُچھ اپنی دہنی اُنگلی سے خُداوند کے حضُور سات بار چِھڑکے۔

28 پِھر کاہِن کُچھ اپنے ہاتھ کے تیل میں سے لے اور جو شخص پاک قرار دِیا جائے گا اُس کے دہنے کان کی لَو پر اور اُس کے دہنے ہاتھ کے انگُوٹھے اور دہنے پاؤں کے انگُوٹھے پر جُرم کی قُربانی کے خُون کی جگہ اُسے لگائے۔

29 اور جو تیل کاہِن کے ہاتھ میں باقی بچے وہ اُسے اُس شخص کے سر میں ڈال دے جو پاک قرار دِیا جائے گا تاکہ اُس کے لِئے خُداوند کے حضُور کفّارہ دِیا جائے۔

30 پِھر وہ قُمریوں یا کبُوتر کے بچّوں میں سے جِنہیں وہ لا سکا ہو ایک کو چڑھائے۔

31 یعنی جو کُچھ اُسے مُیسّر ہُؤا ہو اُس میں سے ایک کو خطا کی قُربانی کے طَور پر اور دُوسرے کو سوختنی قُربانی کے طَور پر نذر کی قُربانی کے ساتھ گُذرانے ۔ یُوں کاہِن اُس شخص کے لِئے جو پاک قرار دِیا جائے گا خُداوند کے حضُور کفّارہ دے۔

32 اُس کوڑھی کے لِئے جو اپنے پاک قرار دِئے جانے کے سامان کو لانے کا مقدُور نہ رکھتا ہو شرع یہ ہے۔

مکانوں اور گھروں کے اندر پَھپھُوندی

33 پِھر خُداوند نے مُوسیٰ اور ہارُون سے کہا کہ۔

34 جب تُم مُلکِ کنعا ن میں جِسے مَیں تُمہاری مِلکِیّت کِئے دیتا ہُوں داخِل ہو اور مَیں تُمہارے مِیراثی مُلک کے کِسی گھر میں کوڑھ کی بلا بھیجُوں۔

35 تو اُس گھر کا مالِک جا کر کاہِن کو خبر دے کہ مُجھے اَیسا معلُوم ہوتا ہے کہ اُس گھر میں کُچھ بلا سی ہے۔

36 تب کاہِن حُکم کرے کہ اِس سے پیشتر کہ اُس بلا کو دیکھنے کے لِئے کاہِن وہاں جائے لوگ اُس گھر کو خالی کریں تاکہ جو کُچھ گھر میں ہو وہ ناپاک نہ ٹھہرایا جائے ۔ اِس کے بعد کاہِن گھر دیکھنے کو اندر جائے۔

37 اور اُس بلا کو مُلاحظہ کرے اور اگر دیکھے کہ وہ بلا اُس گھر کی دِیواروں میں سبزی یا سُرخی مائِل گہری لکیروں کی صُورت میں ہے اور دِیوار میں سطح کے اندر نظر آتی ہے۔

38 تو کاہِن گھر سے باہر نِکل کر گھر کے دروازہ پر جائے اور گھر کو سات دِن کے لِئے بند کر دے۔

39 اور وہ ساتویں دِن پِھر آکر اُسے دیکھے ۔ اگر وہ بلا گھر کی دِیواروں میں پَھیلی ہُوئی نظر آئے۔

40 تو کاہِن حُکم دے کہ اُن پتّھروں کو جِن میں وہ بلا ہے نِکال کر اُنہیں شہر کے باہر کِسی ناپاک جگہ میں پھینک دیں۔

41 پِھر وہ اُس گھر کو اندر ہی اندر چاروں طرف سے کُھرچوائے اور اُس کُھرچی ہُوئی مِٹّی کو شہر کے باہر کِسی ناپاک جگہ میں ڈالیں۔

42 اور وہ اُن پتّھروں کی جگہ اَور پتّھر لے کر لگائیں اور کاہِن تازہ گارے سے اُس گھر کی استرکاری کرائے۔

43 اور اگر پتّھروں کے نِکالے جانے اور اُس گھر کے کُھرچے اور استرکاری کرائے جانے کے بعد بھی وہ بلا پِھر آ جائے اور اُس گھر میں پُھوٹ نِکلے۔

44 تو کاہِن اندر جا کر مُلاحظہ کرے اور اگر دیکھے کہ وہ بلا گھر میں پَھیل گئی ہے تو اُس گھر میں کھا جانے والا کوڑھ ہے ۔ وہ ناپاک ہے۔

45 تب وہ اُس گھر کو اُس کے پتّھروں اور لکڑیوں اور اُس کی ساری مِٹّی کو گِرا دے اور وہ اُن کو شہر کے باہر نِکال کر کِسی ناپاک جگہ میں لے جائے۔

46 ماسِوا اِس کے اگر کوئی اُس گھر کے بند کر دِئے جانے کے دِنوں میں اُس کے اندر داخِل ہو تو وہ شام تک ناپاک رہے گا۔

47 اور جو کوئی اُس گھر میں سوئے وہ اپنے کپڑے دھو ڈالے اور جو کوئی اُس گھر میں کُچھ کھائے وہ بھی اپنے کپڑے دھوئے۔

48 اور اگر کاہِن اندر جا کر مُلاحظہ کرے اور دیکھے کہ گھر کی استرکاری کے بعد وہ بلا اُس گھر میں نہیں پَھیلی تو وہ اُس گھر کو پاک قرار دے کیونکہ وہ بلا دُور ہو گئی۔

49 اور وہ اُس گھر کو پاک قرار دینے کے لِئے دو پرِندے اور دیودار کی لکڑی اور سُرخ کپڑا اور زُوفا لے۔

50 اور وہ اُن پرِندوں میں سے ایک کو مِٹّی کے کِسی برتن میں بہتے ہُوئے پانی پر ذبح کرے۔

51 پِھر وہ دیودار کی لکڑی اور زُوفا اور سُرخ کپڑے اور اُس زِندہ پرِندہ کو لے کر اُن کو اُس ذبح کِئے ہُوئے پرِندہ کے خُون میں اور اُس بہتے ہُوئے پانی میں غوطہ دے اور سات بار اُس گھر پر چِھڑکے۔

52 اور وہ اُس پرِندے کے خُون سے اور بہتے ہُوئے پانی اور زِندہ پرِندہ اور دیودار کی لکڑی اور زُوفا اور سُرخ کپڑے سے اُس گھر کو پاک کرے۔

53 اور اُس زِندہ پرِندہ کو شہر کے باہر کُھلے مَیدان میں چھوڑ دے ۔ یُوں وہ گھر کے لِئے کفّارہ دے تو وہ پاک ٹھہرے گا۔

54 کوڑھ کی ہر قِسم کی بلا کے اور سعفہ کے لِئے۔

55 اور کپڑے اور گھر کے کوڑھ کے لِئے۔

56 اور ورم اور پپڑی اور چمکتے ہُوئے داغ کے لِئے شرع یہ ہے۔

57 تاکہ بتایا جائے کہ کب وہ ناپاک اور کب پاک قرار دِئے جائیں ۔ کوڑھ کے لِئے شرع یِہی ہے۔

احبار 15

جِسم سے خارج ہونے والے ناپاک مواد

1 اور خُداوند نے مُوسیٰ اور ہارُون سے کہا کہ۔

2 بنی اِسرائیل سے کہو کہ اگر کِسی شخص کو جریان کامرض ہو تو وہ جریان کے سبب سے ناپاک ہے۔

3 اور جریان کے سبب سے اُس کی ناپاکی یُوں ہو گی کہ خواہ دھات بہتی ہو یا دھات کا بہنا مَوقُوف ہو گیا ہو وہ ناپاک ہے۔

4 جِس بِستر پر جریان کا مرِیض سوئے وہ بِستر ناپاک ہو گا اور جِس چِیز پر وہ بَیٹھے وہ چِیز ناپاک ہو گی۔

5 اور جو کوئی اُس کے بِستر کو چُھوئے وہ اپنے کپڑے دھوئے اور پانی سے غُسل کرے اور شام تک ناپاک رہے۔

6 اور جو کوئی اُس چِیز پر بَیٹھے جِس پرجریان کا مرِیض بَیٹھا ہو وہ اپنے کپڑے دھوئے اور پانی سے غُسل کرے اور شام تک ناپاک رہے۔

7 اور جو کوئی جریان کے مرِیض کے جِسم کو چُھوئے وہ بھی اپنے کپڑے دھوئے اور پانی سے غُسل کرے اور شام تک ناپاک رہے۔

8 اور اگر جریان کا مرِیض کِسی شخص پر جو پاک ہے تُھوک دے تو وہ شخص اپنے کپڑے دھوئے اور پانی سے غُسل کرے اور شام تک ناپاک رہے۔

9 اور جِس زِین پر جریان کا مرِیض سوار ہو وہ زِین ناپاک ہو گا۔

10 اور جو کوئی کِسی چِیز کو جو اُس مرِیض کے نِیچے رہی ہو چُھوئے وہ شام تک ناپاک رہے اور جو کوئی اُن چِیزوں کو اُٹھائے وہ اپنے کپڑے دھوئے اور پانی سے غُسل کرے اور شام تک ناپاک رہے۔

11 اور جِس شخص کو جریان کا مرِیض بغَیر ہاتھ دھوئے چُھوئے وہ اپنے کپڑے دھوئے اور پانی سے غُسل کرے اور شام تک ناپاک رہے۔

12 اور مِٹّی کے جِس برتن کو جریان کا مرِیض چُھوئے وہ توڑ ڈالا جائے پر چوبی برتن پانی سے دھویا جائے۔

13 اور جب جریان کے مرِیض کو شِفا ہو جائے تو وہ اپنے پاک ٹھہرنے کے لِئے سات دِن گِنے ۔ اِس کے بعد وہ اپنے کپڑے دھوئے اور بہتے ہُوئے پانی میں نہائے تب وہ پاک ہو گا۔

14 اور آٹھویں دِن دو قُمریاں یا کبُوتر کے دو بچّے لے کر وہ خُداوند کے حضُور خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر جائے اور اُن کو کاہِن کے حوالہ کرے۔

15 اور کاہِن ایک کو خطا کی قُربانی کے لِئے اور دُوسرے کو سوختنی قُربانی کے لِئے گُذرانے ۔ یُوں کاہِن اُس کے لِئے اُس کے جریان کے سبب سے خُداوند کے حضُور کفّارہ دے۔

16 اور اگر کِسی مَرد کی دھات بہتی ہو تو وہ پانی میں نہائے اور شام تک ناپاک رہے۔

17 اور جِس کپڑے یا چمڑے پر نُطفہ لگ جائے وہ کپڑا یا چمڑا پانی سے دھویا جائے اور شام تک ناپاک رہے۔

18 اور وہ عَورت بھی جِس کے ساتھ مَرد صُحبت کرے اور مُنزِل ہو تو وہ دونوں پانی سے غُسل کریں اور شام تک ناپاک رہیں۔

19 اور اگر کِسی عَورت کو اَیسا جریان ہو کہ اُسے حَیض کا خُون آئے تو وہ سات دِن تک ناپاک رہے گی اور جو کوئی اُسے چُھوئے وہ شام تک ناپاک رہے گا۔

20 اور جِس چِیز پر وہ اپنی ناپاکی کی حالت میں سوئے وہ چِیز ناپاک ہو گی اور جِس چِیز پر بَیٹھے وہ بھی ناپاک ہو جائے گی۔

21 اور جو کوئی اُس کے بِستر کو چُھوئے وہ اپنے کپڑے دھوئے اور پانی سے غُسل کرے اور شام تک ناپاک رہے۔

22 اور جو کوئی اُس چِیز کو جِس پر وہ بَیٹھی ہو چُھوئے وہ اپنے کپڑے دھوئے اور پانی سے نہائے اور شام تک ناپاک رہے۔

23 اور اگر اُس کا خُون اُس کے بِستر پر یا جِس چِیز پر وہ بَیٹھی ہو اُس پر لگا ہُؤا ہو اور اُس وقت کوئی اُس چِیز کو چُھوئے تو وہ شام تک ناپاک رہے۔

24 اور اگر مَرد اُس کے ساتھ صُحبت کرے اور اُس کے حَیض کا خُون اُسے لگ جائے تو وہ سات دِن تک ناپاک رہے گا اور ہر ایک بِستر جِس پر وہ مَرد سوئے گا ناپاک ہو گا۔

25 اور اگر کِسی عَورت کو ایّامِ حَیض کو چھوڑ کر یُوں بُہت دِنوں تک خُون آئے یا حَیض کی مُدّ ت گُذر جانے پر بھی خُون جاری رہے تو جب تک اُس کو یہ مَیلا خُون آتا رہے گا تب تک وہ اَیسی ہی رہے گی جَیسی حَیض کے دِنوں میں رہتی ہے ۔ وہ ناپاک ہے۔

26 اور اِس جریانِ خُون کے کُل ایّام میں جِس جِس بِستر پر وہ سوئے گی وہ حَیض کے بِستر کی طرح ناپاک ہو گا اور جِس جِس چِیزپر وہ بَیٹھے گی وہ چِیز حَیض کی نجاست کی طرح ناپاک ہو گی۔

27 اور جو کوئی اُن چِیزوں کو چُھوئے وہ ناپاک ہو گا ۔ وہ اپنے کپڑے دھوئے اور پانی سے غُسل کرے اور شام تک ناپاک رہے۔

28 اور جب وہ اپنے جریان سے شِفا پا جائے تو سات دِن گِنے ۔ تب اِس کے بعد وہ پاک ٹھہرے گی۔

29 اور آٹھویں دِن وہ دو قُمریاں یا کبُوتر کے دو بچّے لے کر اُن کو خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر کاہِن کے پاس لائے۔

30 اور کاہِن ایک کو خطا کی قُربانی کے لِئے اور دُوسرے کو سوختنی قُربانی کے لِئے گُذرانے ۔ یُوں کاہِن اُس کے ناپاک خُون کے جریان کے لِئے خُداوند کے حضُور اُس کی طرف سے کفّارہ دے۔

31 اِس طرِیق سے تُم بنی اِسرائیل کو اُن کی نجاست سے الگ رکھنا تاکہ وہ میرے مَقدِس کو جو اُن کے درمِیان ہے ناپاک کرنے کی وجہ سے اپنی نجاست میں ہلاک نہ ہوں۔

32 اُس کے لِئے جِسے جریان کا مرض ہو اور اُس کے لِئے جِس کی دھات بہتی ہو اور وہ اُس کے باعِث ناپاک ہو جائے۔

33 اور اُس کے لِئے جو حَیض سے ہو اور اُس مَرد اور عَورت کے لِئے جِن کو جریان کا مرض ہو اور اُس مَرد کے لِئے جو ناپاک عَورت کے ساتھ صُحبت کرے شرع یِہی ہے۔

احبار 16

یومِ کفّارہ

1 اور ہارُون کے دو بیٹوں کی وفات کے بعد جب وہ خُداوند کے نزدِیک آئے اور مَر گئے۔

2 خُداوند مُوسیٰ سے ہمکلام ہُؤا اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا اپنے بھائی ہارُون سے کہہ کہ وہ ہر وقت پردہ کے اندر کے پاکترین مقام میں سرپوش کے پاس جو صندُوق کے اُوپر ہے نہ آیا کرے تاکہ وہ مَر نہ جائے کیونکہ مَیں سرپوش پر ابر میں دِکھائی دُوں گا۔

3 اور ہارُون پاکترین مقام میں اِس طرح آئے کہ خطا کی قُربانی کے لِئے ایک بچھڑا اور سوختنی قُربانی کے لِئے ایک مینڈھا لائے۔

4 اور وہ کتان کا مُقدّس کُرتہ پہنے اور اُس کے تن پر کتان کا پاجامہ ہو اور کتان کے کمر بند سے اُس کی کمر کَسی ہُوئی ہو اور کتان ہی کا عمامہ اُس کے سر پر بندھا ہو ۔ یہ مُقدّس لِباس ہیں اور وہ اِن کو پانی سے نہا کر پہنے۔

5 اور بنی اِسرائیل کی جماعت سے خطا کی قُربانی کے لِئے دو بکرے اور سوختنی قُربانی کے لِئے ایک مینڈھا لے۔

6 اور ہارُون خطا کی قُربانی کے بچھڑے کو جو اُس کی طرف سے ہے گُذران کر اپنے اور اپنے گھر کے لِئے کفّارہ دے۔

7 پِھر اُن دونوں بکروں کو لے کر اُن کو خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر خُداوند کے حضُور کھڑا کرے۔

8 اورہارُون اُن دونوں بکروں پر چِٹھّیاں ڈالے ۔ ایک چِٹّھّی خُداوند کے لِئے اور دُوسری عزاز یل کے لِئے ہو۔

9 اور جِس بکرے پر خُداوند کے نام کی چِٹھّی نِکلے اُسے ہارُون لے کر خطا کی قُربانی کے لِئے چڑھائے۔

10 لیکن جِس بکرے پر عزاز یل کے نام کی چِٹھّی نِکلے وہ خُداوند کے حضُور زِندہ کھڑا کِیا جائے تاکہ اُس سے کفّارہ دِیا جائے اور وہ عزاز یل کے لِئے بیابان میں چھوڑ دِیا جائے۔

11 اور ہارُون خطا کی قُربانی کے بچھڑے کو جو اُس کی طرف سے ہے آگے لا کر اپنے اور اپنے گھر کے لِئے کفّارہ دے اور اُس بچھڑے کو جو اُس کی طرف سے خطا کی قُربانی کے لِئے ہے ذبح کرے۔

12 اور وہ ایک بخُور دان کو لے جِس میں خُداوند کے مذبح پر کی آگ کے انگارے بھرے ہوں اور اپنی مُٹھیاں بارِیک خُوشبُودار بخُور سے بھر لے اور اُسے پردہ کے اندر لائے۔

13 اور اُس بخُور کو خُداوند کے حضُور آگ میں ڈالے تاکہ بخُور کا دُھواں سرپوش کو جو شہادت کے صندُوق کے اُوپر ہے چُھپا لے کہ وہ ہلاک نہ ہو۔

14 پِھر وہ اُس بچھڑے کا کُچھ خُون لے کر اُسے اپنی اُنگلی سے مشرِق کی طرف سرپوش کے اُوپر چِھڑکے اور سرپوش کے آگے بھی کُچھ خُون اپنی اُنگلی سے سات بار چِھڑکے۔

15 پِھر وہ خطا کی قُربانی کے اُس بکرے کو ذبح کرے جو جماعت کی طرف سے ہے اور اُس کے خُون کو پردہ کے اندر لا کر جو کُچھ اُس نے بچھڑے کے خُون سے کِیا تھا وُہی اِس سے بھی کرے اور اُسے سرپوش کے اُوپر اور اُس کے سامنے چِھڑکے۔

16 اور بنی اِسرائیل کی ساری نجاستوں اور گُناہوں اور خطاؤں کے سبب سے پاکترین مقام کے لِئے کفّارہ دے اور اَیسا ہی وہ خَیمۂِ اِجتماع کے لِئے بھی کرے جو اُن کے ساتھ اُن کی نجاستوں کے درمِیان رہتا ہے۔

17 اور جب وہ کفّارہ دینے کو پاکترین مقام کے اندر جائے تو جب تک وہ اپنے اور اپنے گھرانے اور بنی اِسرائیل کی ساری جماعت کے لِئے کفّارہ دے کر باہر نہ آ جائے اُس وقت تک کوئی آدمی خَیمۂِ اِجتماع کے اندر نہ رہے۔

18 پِھر وہ نِکل کر اُس مذبح کے پاس جو خُداوند کے حضُور ہے جائے اور اُس کے لِئے کفّارہ دے اور اُس بچھڑے اور بکرے کا تھوڑا تھوڑا سا خُون لے کر مذبح کے سِینگوں پر گِرداگِرد لگائے۔

گُناہ اُٹھالے جانے والا بکرا

19 اور کُچھ خُون اُس کے اُوپر سات بار اپنی اُنگلی سے چِھڑکے اور اُسے بنی اِسرائیل کی نجاستوں سے پاک اور مُقدّس کرے۔

20 اور جب وہ پاکترین مقام اور خیمۂِ اِجتماع اور مذبح کے لِئے کفّارہ دے چُکے تو اُس زِندہ بکرے کو آگے لائے۔

21 اور ہارُون اپنے دونوں ہاتھ اُس زِندہ بکرے کے سر پر رکھ کر اُس کے اُوپر بنی اِسرائیل کی سب بدکارِیوں اور اُن کے سب گُناہوں اور خطاؤں کا اِقرار کرے اور اُن کو اُس بکرے کے سر پر دھر کر اُسے کِسی شخص کے ہاتھ جو اِس کام کے لِئے تیّار ہو بیابان میں بھجوا دے۔

22 اور وہ بکرا اُن کی سب بدکارِیاں اپنے اُوپر لادے ہُوئے کِسی وِیرانہ میں لے جائے گا ۔ سو وہ اُس بکرے کو بیابان میں چھوڑ دے۔

23 پِھر ہارُون خَیمۂِ اِجتماع میں آ کر کتان کے سارے لِباس کو جِسے اُس نے پاکترین مقام میں جاتے وقت پہنا تھا اُتارے اور اُس کو وہِیں رہنے دے۔

24 پِھر وہ اِسی پاک جگہ میں پانی سے غُسل کر کے اپنے کپڑے پہن لے اور باہر آکر اپنی سوختنی قُربانی اور جماعت کی سوختنی قُربانی گُذرانے اور اپنے لِئے اور جماعت کے لِئے کفّارہ دے۔

25 اور خطا کی قُربانی کی چربی کو مذبح پر جلائے۔

26 اور جو آدمی بکرے کو عزاز یل کے لِئے چھوڑ کر آئے وہ اپنے کپڑے دھوئے اور پانی سے نہائے ۔ اِس کے بعد وہ لشکرگاہ میں داخِل ہو۔

27 اور خطا کی قُربانی کے بچھڑے کو اور خطا کی قُربانی کے بکرے کو جِن کا خُون پاکترین مقام میں کفّارہ کے لِئے پُہنچایا جائے اُن کو وہ لشکرگاہ سے باہر لے جائیں اور اُن کی کھال اور گوشت اور فُضلات کو آگ میں جلا دیں۔

28 اور جو اُن کو جلائے وہ اپنے کپڑے دھوئے اور پانی سے غُسل کرے ۔ اِس کے بعد وہ لشکرگاہ میں داخِل ہو۔

یومِ کفّارہ کَیسے منایا جائے

29 اور یہ تُمہارے لِئے ایک دائِمی قانُون ہو کہ ساتویں مہِینے کی دسوِیں تارِیخ کو تُم اپنی اپنی جان کو دُکھ دینا اور اُس دِن کوئی خواہ وہ دیسی ہو یا پردیسی جوتُمہارے بِیچ بُود و باش رکھتا ہو کِسی طرح کا کام نہ کرے۔

30 کیونکہ اُس روز تُمہارے واسطے تُم کو پاک کرنے کے لِئے کفّارہ دِیا جائے گا ۔ سو تُم اپنے سب گُناہوں سے خُداوند کے حضُور پاک ٹھہرو گے۔

31 یہ تُمہارے لِئے خاص آرام کا سبت ہو گا ۔ تُم اُس دِن اپنی اپنی جان کو دُکھ دینا ۔ یہ دائِمی قانون ہے۔

32 اور جو اپنے باپ کی جگہ کاہِن ہونے کے لِئے مَسح اور مخصُوص کِیا جائے وہ کاہِن کفّارہ دِیا کرے یعنی کتان کے مُقدّس لِباس کو پہن کر۔

33 وہ مَقدِس کے لِئے کفّارہ دے اور خَیمۂِ اِجتماع اور مذبح کے لِئے کفّارہ دے اور کاہِنوں اور جماعت کے سب لوگوں کے لِئے کفّارہ دے۔

34 سو یہ تُمہارے لِئے ایک دائِمی قانُون ہو کہ تُم بنی اِسرائیل کے واسطے سال میں ایک دفعہ اُن کے سب گُناہوں کا کفّارہ دو۔

اور اُس نے جَیسا خُداوند نے مُوسیٰ کو حُکم دِیا تھا وَیسا ہی کِیا۔

احبار 17

خُون کا تقدُّس

1 پِھر خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا۔

2 ہارُون اور اُس کے بیٹوں سے اور سب بنی اِسرائیل سے کہہ کہ خُداوند نے یہ حُکم دِیا ہے کہ۔

3 اِسرا ئیل کے گھرانے کا جو کوئی شخص بَیل یا برّہ یا بکرے کو خواہ لشکرگاہ میں یا لشکرگاہ کے باہر ذبح کر کے۔

4 اُسے خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر خُداوند کے مسکن کے آگے خُداوند کے حضُور چڑھانے کو نہ لے جائے اُس شخص پر خُون کا اِلزام ہو گا کہ اُس نے خُون کِیا ہے اور وہ شخص اپنے لوگوں میں سے کاٹ ڈالا جائے۔

5 اِس سے مقصُود یہ ہے کہ بنی اِسرائیل اپنی قُربانیاں جِن کو وہ کُھلے مَیدان میں ذبح کرتے ہیں اُنہیں خُداوند کے حضُور خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر کاہِن کے پاس لائیں اور اُن کو خُداوند کے حضُور سلامتی کے ذبِیحوں کے طَور پر گُذرانیں۔

6 اور کاہِن اُس خُون کو خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر خُداوند کے مذبح کے اُوپر چِھڑکے اور چربی کو جلائے تاکہ خُداوند کے لِئے راحت انگیز خُوشبُو ہو۔

7 اور آیندہ کبھی وہ اُن بکروں کے لِئے جِن کے پَیرو ہو کر وہ زِناکار ٹھہرے ہیں اپنی قُربانیاں نہ گُذرانیں ۔ اُن کے لِئے نسل در نسل یہ دائِمی قانُون ہو گا۔

8 سو تُو اُن سے کہہ دے کہ اِسرا ئیل کے گھرانے کا یا اُن پردیسیوں میں سے جو اُن میں بُود و باش کرتے ہیں جو کوئی سوختنی قُربانی یا کوئی ذبِیحہ گُذران کر۔

9 اُسے خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر خُداوند کے حضُور چڑھانے کو نہ لائے وہ اپنے لوگوں میں سے کاٹ ڈالا جائے۔

10 اور اِسرا ئیل کے گھرانے کا یا اُن پردیسیوں میں سے جو اُن میں بُود و باش کرتے ہیں جو کوئی کِسی طرح کا خُون کھائے مَیں اُس خُون کھانے والے کے خِلاف ہُوں گااور اُسے اُس کے لوگوں میں سے کاٹ ڈالُوں گا۔

11 کیونکہ جِسم کی جان خُون میں ہے اور مَیں نے مذبح پر تُمہاری جانوں کے کفّارہ کے لِئے اُسے تُم کو دِیا ہے کہ اُس سے تُمہاری جانوں کے لِئے کفّارہ ہو کیونکہ جان رکھنے ہی کے سبب سے خُون کفّارہ دیتا ہے۔

12 اِسی لِئے مَیں نے بنی اِسرائیل سے کہا ہے کہ تُم میں سے کوئی شخص خُون کبھی نہ کھائے اور نہ کوئی پردیسی جو تُم میں بُود و باش کرتا ہو کبھی خُون کو کھائے۔

13 اور بنی اِسرائیل میں سے یا اُن پردیسیوں میں سے جو اُن میں بُود و باش کرتے ہیں جو کوئی شِکار میں اَیسے جانور یا پرِندہ کو پکڑے جِس کو کھانا ٹھیک ہے تو وہ اُس کے خُون کو نِکال کر اُسے مِٹّی سے ڈھانک دے۔

14 کیونکہ جِسم کی جان جو ہے وہ اُس کا خُون ہے جو اُس کی جان کے ساتھ ایک ہے ۔ اِسی لِئے مَیں نے بنی اِسرائیل کو حُکم کِیا ہے کہ تُم کِسی قِسم کے جانور کا خُون نہ کھانا کیونکہ ہر جانور کی جان اُس کا خُون ہی ہے ۔ جو کوئی اُسے کھائے وہ کاٹ ڈالا جائے گا۔

15 اور جو شخص مُردار کو یا درِندہ کے پھاڑے ہُوئے جانور کو کھائے وہ خواہ دیسی ہو یا پردیسی اپنے کپڑے دھوئے اور پانی سے غُسل کرے اور شام تک ناپاک رہے تب وہ پاک ہو گا۔

16 لیکن اگر وہ اُن کو نہ دھوئے اور نہ غُسل کرے تو اُس کا گُناہ اُسی کے سر لگے گا۔

احبار 18

ممنُوعہ جِنسی افعال

1 پِھر خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا۔

2 بنی اِسرائیل سے کہہ کہ مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں۔

3 تُم مُلکِ مِصر کے سے کام جِس میں تُم رہتے تھے نہ کرنا اور مُلکِ کنعا ن کے سے کام بھی جہاں مَیں تُمہیں لِئے جاتا ہُوں نہ کرنا اور نہ اُن کی رسموں پر چلنا۔

4 تُم میرے حُکموں پر عمل کرنا اور میرے آئِین کو مان کر اُن پر چلنا ۔ مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں۔

5 سو تُم میرے آئِین اور احکام ماننا جِن پر اگر کوئی عمل کرے تو وہ اُن ہی کی بدَولت جِیتا رہے گا ۔ مَیں خُداوند ہُوں۔

6 تُم میں سے کوئی اپنی کِسی قرِیبی رِشتہ دار کے پاس اُس کے بدن کو بے پردہ کرنے کے لِئے نہ جائے ۔ مَیں خُداوند ہُوں۔

7 تُو اپنی ماں کے بدن کو جو تیرے باپ کا بدن ہے بے پردہ نہ کرنا کیونکہ وہ تیری ماں ہے ۔ تُو اُس کے بدن کو بے پردہ نہ کرنا۔

8 تُو اپنے باپ کی بِیوی کے بدن کو بے پردہ نہ کرنا کیونکہ وہ تیرے باپ کا بدن ہے۔

9 تُو اپنی بہن کے بدن کو چاہے وہ تیرے باپ کی بیٹی ہو چاہے تیری ماں کی اور خواہ وہ گھر میں پَیدا ہُوئی ہو خواہ اَور کہِیں بے پردہ نہ کرنا۔

10 تُو اپنی پوتی یا نواسی کے بدن کو بے پردہ نہ کرنا کیونکہ اُن کا بدن تو تیرا ہی بدن ہے۔

11 تیرے باپ کی بِیوی کی بیٹی جو تیرے باپ سے پَیدا ہُوئی ہے تیری بہن ہے ۔ تو اُس کے بدن کو بے پردہ نہ کرنا۔

12 تُو اپنی پُھوپھی کے بدن کو بے پردہ نہ کرنا کیونکہ وہ تیرے باپ کی قریبی رِشتہ دار ہے۔

13 تُو اپنی خالہ کے بدن کو بے پردہ نہ کرنا کیونکہ وہ تیری ماں کی قریبی رِشتہ دار ہے۔

14 تُو اپنے باپ کے بھائی کے بدن کو بے پردہ نہ کرنا یعنی اُس کی بِیوی کے پاس نہ جانا ۔ وہ تیری چچی ہے۔

15 تُو اپنی بہُو کے بدن کو بے پردہ نہ کرنا کیونکہ وہ تیرے بیٹے کی بِیوی ہے ۔ سو تُو اُس کے بدن کو بے پردہ نہ کرنا۔

16 تُو اپنی بھاوج کے بدن کو بے پردہ نہ کرنا کیونکہ وہ تیرے بھائی کا بدن ہے۔

17 تُو کِسی عَورت اور اُس کی بیٹی دونوں کے بدن کو بے پردہ نہ کرنا اور نہ تو اُس عَورت کی پوتی یا نواسی سے بیاہ کر کے اُن میں سے کِسی کے بدن کو بے پردہ کرنا کیونکہ وہ دونوں اُس عَورت کی قرِیبی رِشتہ دار ہیں ۔ یہ بڑی خباثت ہے۔

18 تُو اپنی سالی سے بیاہ کر کے اُسے اپنی بِیوی کی سَوکن نہ بنانا کہ دُوسری کے جِیتے جی اِس کے بدن کو بھی بے پردہ کرے۔

19 اور تُو عَورت کے پاس جب تک وہ حَیض کے سبب سے ناپاک ہے اُس کے بدن کو بے پردہ کرنے کے لِئے نہ جانا۔

20 اور تُو اپنے کو نجِس کرنے کے لِئے اپنے ہمسایہ کی بِیوی سے صُحبت نہ کرنا۔

21 تُو اپنی اَولاد میں سے کِسی کو مو لک کی خاطِر آگ میں سے گُذارنے کے لِئے نہ دینا اور نہ اپنے خُدا کے نام کو ناپاک ٹھہرانا ۔ مَیں خُداوند ہُوں۔

22 تُو مَرد کے ساتھ صُحبت نہ کرنا جَیسے عَورت سے کرتا ہے ۔ یہ نِہایت مکُروہ کام ہے۔

23 تُو اپنے کو نجِس کرنے کے لِئے کِسی جانور سے صُحبت نہ کرنا اور نہ کوئی عَورت کِسی جانور سے ہم صُحبت ہونے کے لِئے اُس کے آگے کھڑی ہو کیونکہ یہ اَوندھی بات ہے۔

24 تُم اِن کاموں میں سے کِسی میں پھنس کر آلُودہ نہ ہو جانا کیونکہ جِن قَوموں کو مَیں تُمہارے آگے سے نِکالتا ہُوں وہ اِن سب کاموں کے سبب سے آلُودہ ہیں۔

25 اور اُن کا مُلک بھی آلُودہ ہو گیا ہے ۔ اِس لِئے میں اُس کی بدکاری کی سزا اُسے دیتا ہُوں اَیسا کہ وہ اپنے باشِندوں کو اُگلے دیتا ہے۔

26 لِہٰذا تُم میرے آئِین اور احکام کو ماننا اور تُم میں سے کوئی خواہ وہ دیسی ہو یا پردیسی جو تُم میں بُود و باش رکھتا ہو اِن مکرُوہات میں سے کِسی کام کو نہ کرے۔

27 کیونکہ اُس مُلک کے باشِندوں نے جو تُم سے پہلے تھے یہ سب مکرُوہ کام کِئے ہیں اور مُلک آلُودہ ہو گیا ہے۔

28 سو اَیسا نہ ہو کہ جِس طرح اُس مُلک نے اُس قَوم کو جو تُم سے پہلے وہاں تھی اُگل دِیا اُسی طرح تُم کو بھی جب تُم اُسے آلُودہ کرو تو اُگل دے۔

29 کیونکہ جو اِن مکرُوہ کاموں میں سے کِسی کو کرے گا وہ اپنے لوگوں میں سے کاٹ ڈالا جائے گا۔

30 اِس لِئے میری شرِیعت کو ماننا اور یہ مکرُوہ رسمیں جو تُم سے پہلے ادا کی جاتی تِھیں اِن میں سے کِسی کو عمل میں نہ لانا اور اِن میں پھنس کر آلُودہ نہ ہو جانا ۔ مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں۔