گِنتی 35

لاویوں کے لِئے شہروں کا مُقرّر کِیا جانا

1 پِھر خُداوند نے موآب کے مَیدانوں میں جو یِریحُو کے مُقابِل یَردن کے کنارے واقِع ہیں مُوسیٰ سے کہا کہ۔

2 بنی اِسرائیل کو حُکم کر کہ اپنی مِیراث میں سے جو اُن کے تصرُّف میں آئے لاوِیوں کو رہنے کے لِئے شہر دیں اور اُن شہروں کی نواحی بھی تُم لاوِیوں کو دے دینا۔

3 یہ شہر اُن کے رہنے کے لِئے ہوں ۔ اُن کی نواحی اُن کے چَوپایوں اور مال اور سب جانوروں کے لِئے ہوں۔

4 اور شہروں کی نواحی جو تُم لاوِیوں کو دو وہ ہر شہر کی دِیوار سے شرُوع کر کے باہر چاروں طرف ہزار ہزار ہاتھ کے پھیر میں ہوں۔

5 اور تُم شہر کے باہر مشرِق کی طرف دو ہزار ہاتھ اور جنُوب کی طرف دو ہزار ہاتھ اور مغرِب کی طرف دو ہزار ہاتھ اور شِمال کی طرف دو ہزار ہاتھ اِس طرح پَیمایش کرنا کہ شہر اُن کے بِیچ میں آ جائے ۔ اُن کے شہروں کی اِتنی ہی نواحی ہوں۔

6 اور لاوِیوں کے اُن شہروں میں سے جو تُم اُن کو دو چھ پناہ کے شہر ٹھہرا دینا جِن میں خُونی بھاگ جائیں ۔ اِن شہروں کے علاوہ بیالِیس شہر اَور اُن کو دینا۔

7 یعنی سب مِلا کر اڑتالِیس شہر لاوِیوں کو دینا اور اِن شہروں کے ساتھ اِن کی نواحی بھی ہوں۔

8 اور وہ شہر بنی اِسرائیل کی مِیراث میں سے یُوں دِئے جائیں ۔ جِن کے قبضہ میں بُہت سے شہر ہوں اُن سے بُہت اور جِن کے پاس تھوڑے ہوں اُن سے تھوڑے شہر لینا ۔ ہر قبِیلہ اپنی مِیراث کے مُطابِق جِس کا وہ وارِث ہو لاوِیوں کے لِئے شہر دے۔

پناہ کے شہر

9 اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ۔

10 بنی اِسرائیل سے کہہ دے کہ جب تُم یَردن کو عبُور کر کے مُلکِ کنعا ن میں پُہنچ جاؤ۔

11 تو تُم کئی اَیسے شہر مُقرّرکرنا جو تُمہارے لِئے پناہ کے شہر ہوں تاکہ وہ خُونی جِس سے سہواً خُون ہو جائے وہاں بھاگ جا سکے۔

12 اِن شہروں میں تُم کو اِنتِقام لینے والے سے پناہ مِلے گی تاکہ خُونی جب تک وہ فَیصلہ کے لِئے جماعت کے آگے حاضِر نہ ہو تب تک مارا نہ جائے۔

13 اور پناہ کے جو شہر تُم دو گے وہ چھ ہوں۔

14 تِین شہر تو یَردن کے پار اور تِین مُلکِ کنعا ن میں دینا ۔ یہ پناہ کے شہر ہوں گے۔

15 اِن چھئوں شہروں میں بنی اِسرائیل کو اور اُن مُسافِروں اور پردیسِیوں کو جو تُم میں بُود و باش کرتے ہیں پناہ مِلے گی تاکہ جِس کِسی سے سہواً خُون ہو جائے وہ وہاں بھاگ جا سکے۔

16 اور اگر کوئی کِسی کو لوہے کے ہتھیار سے اَیسا مارے کہ وہ مَر جائے تو وہ خُونی ٹھہرے گا اور وہ خُونی ضرُور مارا جائے۔

17 یا اگر کوئی اَیسا پتّھر ہاتھ میں لے کر جِس سے آدمی مَر سکتا ہو کِسی کو مارے اور وہ مَر جائے تو وہ خُونی ٹھہرے گا اور وہ خُونی ضرُور مارا جائے۔

18 یا اگر کوئی چوبی آلہ ہاتھ میں لے کر جِس سے آدمی مَر سکتا ہو کِسی کو مارے اور وہ مَر جائے تو وہ خُونی ٹھہرے گا اور وہ خُونی ضرُور مارا جائے۔

19 خُون کا اِنتِقام لینے والا خُونی کو آپ ہی قتل کرے ۔ جب وہ اُسے مِلے تب ہی اُسے مار ڈالے۔

20 اور اگر کوئی کِسی کو عداوت سے دھکیل دے یا گھات لگا کر کُچھ اُس پر پھینک دے اور وہ مَر جائے۔

21 یا دُشمنی سے اُسے اپنے ہاتھ سے اَیسا مارے کہ وہ مَر جائے تو وہ جِس نے مارا ہو ضرُور قتل کِیا جائے کیونکہ وہ خُونی ہے ۔ خُون کا اِنتِقام لینے والا اِس خُونی کو جب وہ اُسے مِلے مار ڈالے۔

22 پر اگر کوئی کِسی کو بغیر عداوت کے ناگہان دھکیل دے یا بغیر گھات لگائے اُس پر کوئی چِیز ڈال دے۔

23 یا اُسے بغَیر دیکھے کوئی اَیسا پتّھر اُس پر پھینکے جِس سے آدمی مَر سکتا ہو اور وہ مَر جائے پر یہ نہ تو اُس کا دُشمن اور نہ اُس کے نُقصان کا خواہاں تھا۔

24 تو جماعت اَیسے قاتِل اور خُون کے اِنتِقام لینے والے کے درمِیان اِن ہی احکام کے مُوافِق فَیصلہ کرے۔

25 اور جماعت اُس قاتِل کو خُون کے اِنتِقام لینے والے کے ہاتھ سے چُھڑائے اور جماعت ہی اُسے پناہ کے اُس شہر میں جہاں وہ بھاگ گیا تھا واپس پُہنچوا دے اور جب تک سردار کاہِن جو مُقدّس تیل سے ممسُوح ہُؤا تھا مَر نہ جائے تب تک وہ وہیں رہے۔

26 لیکن اگر وہ خُونی اپنے پناہ کے شہر کی سرحدسے جہاں وہ بھاگ کر گیا ہو کِسی وقت باہر نِکلے۔

27 اور خُون کے اِنتِقام لینے والے کو وہ پناہ کے شہر کی سرحد کے باہر مِل جائے اور اِنتقام لینے والا قاتِل کو قتل کر ڈالے تو وہ خُون کرنے کا مُجرِم نہ ہو گا۔

28 کیونکہ خُونی کو لازِم تھا کہ سردار کاہِن کی وفات تک اُسی پناہ کے شہر میں رہتا پر سردار کاہِن کے مَرنے کے بعد خُونی اپنی مورُوثی جگہ کو لَوٹ جائے۔

29 سو تُمہاری سب سکُونت گاہوں میں نسل در نسل یہ باتیں فَیصلہ کے لِئے قانُون ٹھہریں گی۔

30 اگر کوئی کِسی کو مار ڈالے تو قاتِل گواہوں کی شہادت پر قتل کِیا جائے پر ایک گواہ کی شہادت سے کوئی مارا نہ جائے۔

31 اور تُم اُس قاتِل سے جو واجِبُ القتل ہو دِیَت نہ لینا بلکہ وہ ضرُور ہی مارا جائے۔

32 اور تُم اُس سے بھی جو کِسی پناہ کے شہر کو بھاگ گیا ہو اِس غرض سے دِیَت نہ لینا کہ وہ سردار کاہِن کی مَوت سے پہلے پِھر مُلک میں رہنے کو لَوٹنے پائے۔

33 سو تُم اُس مُلک کو جہاں تُم رہو گے ناپاک نہ کرنا کیونکہ خُون مُلک کو ناپاک کر دیتا ہے اور اُس مُلک کے لِئے جِس میں خُون بہایا جائے سِوا قاتِل کے خُون کے اَور کِسی چِیز کا کفّارہ نہیں لِیا جا سکتا۔

34 اور تُم اپنی بُود و باش کے مُلک کو جِس کے اندر مَیں رہُوں گا گندہ بھی نہ کرنا کیونکہ مَیں جو خُداوند ہُوں سو بنی اِسرائیل کے درمِیان رہتا ہُوں۔

گِنتی 36

شادی شُدہ عَورتوں کی مِیراث

1 اور بنی یُوسف کے گھرانوں میں سے بنی جِلعاد بِن مکِیر بِن منسّی کے آبائی خاندانوں کے سردار مُوسیٰ اور اُن امِیروں کے پاس جا کر جو بنی اِسرائیل کے آبائی خاندانوں کے سردار تھے کہنے لگے کہ۔

2 خُداوند نے ہمارے مالِک کو حُکم دِیا تھا کہ قُرعہ ڈال کر یہ مُلک مِیراث کے طَور پر بنی اِسرائیل کو دینا اور ہمارے مالِک کو خُداوند کی طرف سے حُکم مِلا تھا کہ ہمارے بھائی صلافِحاد کی مِیراث اُس کی بیٹِیوں کو دی جائے۔

3 لیکن اگر وہ بنی اِسرائیل کے اَور قبِیلوں کے آدمِیوں سے بیاہی جائیں تو اُن کی مِیراث ہمارے باپ دادا کی مِیراث سے نِکل کر اُس قبِیلہ کی مِیراث میں شامِل کی جائے گی جِس میں وہ بیاہی جائیں گی ۔ یُوں وہ ہمارے قُرعہ کی مِیراث سے الگ ہو جائے گی۔

4 اور جب بنی اِسرائیل کا سالِ یوبلی آئے گا تو اُن کی مِیراث اُسی قبِیلہ کی مِیراث سے مُلحق کی جائے گی جِس میں وہ بیاہی جائیں گی ۔ یُوں ہمارے باپ دادا کے قبِیلہ کی مِیراث سے اُن کا حِصّہ نِکل جائے گا۔

5 تب مُوسیٰ نے خُداوند کے کلام کے مُطابِق بنی اِسرائیل کو حُکم دِیا اور کہا کہ بنی یُوسف کے قبِیلہ کے لوگ ٹِھیک کہتے ہیں۔

6 سو صلافِحاد کی بیٹِیوں کے حق میں خُداوند کا حُکم یہ ہے کہ وہ جِن کو پسند کریں اُن ہی سے بیاہ کریں لیکن اپنے باپ دادا کے قبِیلہ ہی کے خاندانوں میں بیاہی جائیں۔

7 یُوں بنی اِسرائیل کی مِیراث ایک قبِیلہ سے دُوسرے قبِیلہ میں نہیں جانے پائے گی کیونکہ ہر اِسرائیلی کو اپنے باپ دادا کے قبِیلہ کی مِیراث کو اپنے قبضہ میں رکھنا ہو گا۔

8 اور اگر بنی اِسرائیل کے کِسی قبِیلہ میں کوئی لڑکی ہو جو مِیراث کی مالِک ہو تو وہ اپنے باپ کے قبِیلہ کے کِسی خاندان میں بیاہ کرے تاکہ ہر اِسرائیلی اپنے باپ دادا کی مِیراث پر قائِم رہے۔

9 یُوں کِسی کی مِیراث ایک قبِیلہ سے دُوسرے قبِیلہ میں نہیں جانے پائے گی کیونکہ بنی اِسرائیل کے قبِیلوں کو لازِم ہے کہ اپنی اپنی مِیراث اپنے اپنے قبضہ میں رکھّیں۔

10 اور صلافِحاد کی بیٹِیوں نے جَیسا خُداوند نے مُوسیٰ کو حُکم دِیا تھا وَیسا ہی کِیا۔

11 کیونکہ مَحلاہ اور تِرضاہ اور حُجلاہ اور مِلکاہ اور نُوعاہ جو صلافِحاد کی بیٹِیاں تِھیں وہ اپنے چچیرے بھائِیوں کے ساتھ بیاہی گئِیں۔

12 یعنی وہ یُوسف کے بیٹے منسّی کی نسل کے خاندانوں میں بیاہی گئِیں اور اُن کی مِیراث اُن کے آبائی خاندان کے قبِیلہ میں قائِم رہی۔

13 جو احکام اور فَیصلے خُداوند نے مُوسیٰ کی معرفت موآب کے مَیدانوں میں جو یرِیحُو کے مُقابِل یَردن کے کنارے واقِع ہیں بنی اِسرائیل کو دِئے وہ یِہی ہیں ۔

احبار 1

پُوری سوختنی قُربانیاں

1 اور خُداوند نے خَیمۂِ اِجتماع میں سے مُوسیٰ کو بُلا کر اُس سے کہا۔

2 بنی اِسرائیل سے کہہ کہ جب تُم میں سے کوئی خُداوند کے لِئے چڑھاوا چڑھائے۔

تو تُم چَوپایوں یعنی گائے بَیل اور بھیڑ بکری کا چڑھاوا چڑھانا۔

3 اگر اُس کا چڑھاوا گائے بَیل کی سوختنی قُربانی ہو تو وہ بے عَیب نر کو لا کر اُسے خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر چڑھائے تاکہ وہ خُود خُداوند کے حضُور مقبُول ٹھہرے۔

4 اور وہ سوختنی قُربانی کے جانور کے سر پر اپنا ہاتھ رکھّے تب وہ اُس کی طرف سے مقبُول ہو گا تاکہ اُس کے لِئے کفّارہ ہو۔

5 اور وہ اُس بچھڑے کو خُداوند کے حضُور ذبح کرے اور ہارُون کے بیٹے جو کاہِن ہیں خُون کو لا کر اُسے اُس مذبح پر گِرداگِرد چِھڑکیں جو خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر ہے۔

6 تب وہ اُس سوختنی قُربانی کے جانور کی کھال کھینچے اور اُس کے عُضوعُضو کو کاٹ کر جدا جدا کرے۔

7 پِھر ہارُون کاہِن کے بیٹے مذبح پر آگ رکھّیں اور آگ پر لکڑیاں ترتِیب سے چُن دیں۔

8 اور ہارُون کے بیٹے جو کاہِن ہیں اُس کے اعضا کو اور سر اور چربی کو اُن لکڑیوں پر جو مذبح کی آگ پر ہوں گی ترتِیب سے رکھ دیں۔

9 لیکن وہ اُس کی انتڑیوں اور پایوں کو پانی سے دھو لے تب کاہِن سب کو مذبح پر جلائے کہ وہ سوختنی قُربانی یعنی خُداوند کے لِئے راحت انگیز خُوشبُو کی آتشین قُربانی ہو۔

10 اور اگر اُس کا چڑھاوا ریوڑ میں سے بھیڑ یا بکری کی سوختنی قُربانی ہو تو وہ بے عَیب نر کو لائے۔

11 اور وہ اُسے مذبح کی شِمالی سِمت میں خُداوند کے آگے ذبح کرے اور ہارُون کے بیٹے جو کاہِن ہیں اُس کے خُون کو مذبح پر گِردا گِرد چِھڑکیں۔

12 پِھر وہ اُس کے عضو عضو کو اور سر اور چربی کو کاٹ کر جُدا جُدا کرے اور کاہِن اُن کو ترتِیب سے اُن لکڑیوں پر جو مذبح کی آگ پر ہوں گی چُن دے۔

13 لیکن وہ انتڑیوں اور پایوں کو پانی سے دھو لے تب کاہِن سب کو لے کر مذبح پر جلا دے ۔ وہ سوختنی قُربانی یعنی خُداوند کے لِئے راحت انگیز خُوشبُو کی آتِشِین قُربانی ہے۔

14 اور اگر اُس کا چڑھاوا خُداوند کے لِئے پرِندوں کی سوختنی قُربانی ہو تو وہ قُمریوں یا کبُوتر کے بچّوں کا چڑھاوا چڑھائے۔

15 اور کاہِن اُس کو مذبح پر لا کر اُس کا سر مروڑ ڈالے اور اُسے مذبح پر جلا دے اور اُس کا خُون مذبح کے پہلُو پر گِر جانے دے۔

16 اور اُس کے پوٹے کو آلایش سمیت لے جا کر مذبح کی مشرِقی سِمت میں راکھ کی جگہ میں ڈال دے۔

17 اور وہ اُس کے دونوں بازُوؤں کو پکڑ کر اُسے چِیرے پر الگ الگ نہ کرے ۔ تب کاہِن اُسے مذبح پر اُن لکڑیوں کے اُوپر رکھ کر جو آگ پر ہوں گی جلا دے ۔ وہ سوختنی قُربانی یعنی خُداوند کے لِئے راحت انگیز خُوشبُو کی آتشِین قُربانی ہے۔

احبار 2

اَناج کے نذرانے

1 اور اگر کوئی خُداوند کے لِئے نذر کی قُربانی کا چڑھاوا لائے تو اپنے چڑھاوے کے لِئے مَیدہ لے اور اُس میں تیل ڈال کر اُس کے اُوپر لُبان رکھّے۔

2 اور وہ اُسے ہارُون کے بیٹوں کے پاس جو کاہِن ہیں لائے اور تیل مِلے ہُوئے مَیدہ میں سے اِس طرح اپنی مُٹّھی بھر کر نِکالے کہ سب لُبان اُس میں آ جائے ۔ تب کاہِن اُسے نذر کی قُربانی کی یادگاری کے طَور پر مذبح کے اُوپر جلائے ۔ یہ خُداوند کے لِئے راحت انگیز خُوشبُو کی آتِشِین قُربانی ہو گی۔

3 اور جو کُچھ اُس نذر کی قُربانی میں سے باقی رہ جائے وہ ہارُون اور اُس کے بیٹوں کا ہو گا ۔ یہ خُداوند کی آتِشِین قُربانیوں میں پاکترین چِیز ہے۔

4 اور جب تُو تنُور کا پکا ہُؤا نذر کی قُربانی کا چڑھاوا لائے تو وہ تیل مِلے ہُوئے مَیدہ کے بے خمِیری گِردے یا تیل چُپڑی ہُوئی بے خمِیری چپاتیاں ہوں۔

5 اور اگر تیری نذر کی قُربانی کا چڑھاوا توے کا پکا ہُؤا ہو تو وہ تیل مِلے ہُوئے بے خمِیری مَیدہ کا ہو۔

6 اُس کو ٹُکڑے ٹُکڑے کر کے اُس پر تیل ڈالنا تو وہ نذر کی قُربانی ہو گی۔

7 اور اگر تیری نذر کی قُربانی کا چڑھاوا کڑاہی کا تلا ہُؤا ہو تو وہ مَیدہ سے تیل میں بنایا جائے۔

8 تُو اِن چِیزوں کی نذر کی قُربانی کا چڑھاوا خُداوند کے پاس لانا ۔ وہ کاہِن کو دِیا جائے اور وہ اُسے مذبح کے پاس لائے۔

9 اور کاہِن اُس نذر کی قُربانی میں سے اُس کی یادگاری کا حِصّہ اُٹھا کر مذبح پر جلائے ۔ یہ خُداوند کے لِئے راحت انگیز خُوشبُو کی آتِشِین قُربانی ہو گی۔

10 اور جو کُچھ اُس نذر کی قُربانی میں سے بچ رہے وہ ہارُون اور اُس کے بیٹوں کا ہو گا ۔ یہ خُداوند کی آتِشِین قُربانیوں میں پاکترین چِیز ہے۔

11 کوئی نذر کی قُربانی جو تُم خُداوند کے حضُور چڑھاؤ وہ خمِیر مِلا کر نہ بنائی جائے ۔ تُم کبھی آتِشِین قُربانی کے طَور پر خُداوند کے حضُور خمِیر یا شہد نہ جلانا۔

12 تُم اِن کو پہلے پَھلوں کے چڑھاوے کے طَور پر خُداوند کے حضُور لانا ۔ پر راحت انگیز خُوشبُو کے لِئے وہ مذبح پر نہ چڑھائے جائیں۔

13 اور تُو اپنی نذر کی قُربانی کے ہر چڑھاوے کو نمکین بنانا اور اپنی کِسی نذر کی قُربانی کو اپنے خُدا کے عہد کے نمک بغَیرنہ رہنے دینا ۔ اپنے سب چڑھاووں کے ساتھ نمک بھی چڑھانا۔

14 اور اگر تُو پہلے پَھلوں کی نذر کا چڑھاوا خُداوند کے حضُور چڑھائے تو اپنے پہلے پَھلوں کی نذر کے چڑھاوے کے لِئے اناج کی بُھنی ہُوئی بالیں یعنی ہری ہری بالوں میں سے ہاتھ سے مَل کر نِکالے ہُوئے اناج کو چڑھانا۔

15 اور اُس میں تیل ڈالنا اور اُس کے اُوپر لُبان رکھنا تو وہ نذر کی قُربانی ہو گی۔

16 اور کاہِن اُس کی یادگاری کے حِصّہ کو یعنی تھوڑے سے مَل کر نِکالے ہُوئے دانوں کو اور تھوڑے سے تیل کو اور سارے لُبان کو جلا دے ۔ یہ خُداوند کے لِئے آتِشِین قُربانی ہو گی۔

احبار 3

سلامتی کے ذبِیحے

1 اور اگر اُس کا چڑھاوا سلامتی کا ذبِیحہ ہو اور وہ گائے بَیل میں سے کِسی کو چڑھائے تو خواہ وہ نر ہو یا مادہ پر جو بے عَیب ہو اُسی کو وہ خُداوند کے حضُور چڑھائے۔

2 اور وہ اپنا ہاتھ اپنے چڑھاوے کے جانور کے سر پر رکھّے اور خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر اُسے ذبح کرے اور ہارُون کے بیٹے جو کاہِن ہیں اُس کے خُون کو مذبح پر گِرداگِرد چِھڑکیں۔

3 اور وہ سلامتی کے ذبِیحہ میں سے خُداوند کے لِئے آتِشِین قُربانی گُذرانے یعنی جِس چربی سے انتڑیاں ڈھکی رہتی ہیں۔

4 اور وہ ساری چربی جو انتڑیوں پر لِپٹی رہتی ہے اور دونوں گُردے اور اُن کے اُوپر کی چربی جو کمر کے پاس رہتی ہے اور جِگر پر کی جِھلّی گُردوں سمیت اِن سبھوں کو وہ جُدا کرے۔

5 اور ہارُون کے بیٹے اُنہیں مذبح پر سوختنی قُربانی کے اُوپر جلائیں جو اُن لکڑیوں پر ہو گی جو آگ کے اُوپر ہیں۔ یہ خُداوند کے لِئے راحت انگیز خُوشبُو کی آتِشِین قُربانی ہے۔

6 اور اگر اُس کا سلامتی کے ذبِیحے کا چڑھاوا خُداوند کے لِئے بھیڑ بکری میں سے ہو تو خواہ وہ نر ہو یا مادہ پر جو بے عَیب ہو اُسی کو وہ چڑھائے۔

7 اگر وہ برّہ چڑھاتا ہو تو اُسے خُداوند کے حضُور چڑھائے۔

8 اور اپنا ہاتھ اپنے چڑھاوے کے جانور کے سر پر رکھّے اور اُسے خَیمۂِ اِجتماع کے سامنے ذبح کرے اور ہارُون کے بیٹے اُس کے خُون کو مذبح پر گِرداگِرد چِھڑکیں۔

9 اور وہ سلامتی کے ذبِیحہ میں سے خُداوند کے لِئے آتِشِین قُربانی گُذرانے یعنی اُس کی پُوری چربی بھری دُم کو وہ ریڑھ کے پاس سے الگ کرے اور جِس چربی سے انتڑیاں ڈھکی رہتی ہیں اور وہ ساری چربی جو انتڑیوں پر لِپٹی رہتی ہے۔

10 اور دونوں گُردے اور اُن کے اُوپر کی چربی جو کمر کے پاس رہتی ہے اور جِگر پر کی جِھلّی گُردوں سمیت اِن سبھوں کو وہ الگ کرے۔

11 اور کاہِن اِنہیں مذبح پر جلائے ۔ یہ اُس آتِشِین قُربانی کی غِذا ہے جو خُداوند کو گُذرانی جاتی ہے۔

12 اور اگر وہ بکرا یا بکری چڑھاتا ہو تو اُسے خُداوند کے حضُور چڑھائے۔

13 اور وہ اپنا ہاتھ اُس کے سر پر رکھّے اور اُسے خَیمۂِ اِجتماع کے سامنے ذبح کرے اور ہارُون کے بیٹے اُس کے خُون کو مذبح پر گِرداگِرد چِھڑکیں۔

14 اور وہ اُس میں سے اپنا چڑھاوا آتِشِین قُربانی کے طَور پر خُداوند کے حضُور گُذرانے یعنی جِس چربی سے انتڑیاں ڈھکی رہتی ہیں اور وہ سب چربی جو انتڑیوں پر لِپٹی رہتی ہے۔

15 اور دونوں گُردے اور اُن کے اُوپر کی چربی جو کمر کے پاس رہتی ہے اور جگر پر کی جِھلّی گُردوں سمیت اِن سبھوں کو وہ الگ کرے۔

16 اور کاہِن اِن کو مذبح پر جلائے ۔ یہ اُس آتِشِین قُربانی کی غِذا ہے جو راحت انگیز خُوشبُو کے لِئے ہوتی ہے ۔ ساری چربی خُداوند کی ہے۔

17 یہ تُمہاری سب سکُونت گاہوں میں نسل در نسل ایک دائمی قانُون رہے گا کہ تُم چربی یا خُون مُطلق نہ کھاؤ۔

احبار 4

نادانِستہ خطاؤں کے چڑھاوے

1 اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ۔

2 بنی اِسرائیل سے کہہ کہ اگر کوئی اُن کاموں میں سے جِن کو خُداوند نے منع کِیا ہے کِسی کام کو کرے اور اُس سے نادانِستہ خطا ہو جائے۔

3 اگر کاہِن ممسُوح اَیسی خطا کرے جِس سے قَوم مُجرِم ٹھہرتی ہو تو وہ اپنی اُس خطا کے واسطے جو اُس نے کی ہے ایک بے عَیب بچھڑا خطا کی قُربانی کے طَور پر خُداوند کے حضُور گُذرانے۔

4 وہ اُس بچھڑے کو خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر خُداوند کے آگے لائے اور بچھڑے کے سر پر اپنا ہاتھ رکھّے اور اُس کو خُداوند کے آگے ذبح کرے۔

5 اور وہ کاہِن ممسُوح اُس بچھڑے کے خُون میں سے کُچھ لے کر اُسے خَیمۂِ اِجتماع میں لے جائے۔

6 اور کاہِن اپنی اُنگلی خُون میں ڈبو ڈبو کر اور خُون میں سے لے لے کر اُسے مَقدِس کے پردہ کے سامنے سات بار خُداوند کے آگے چِھڑکے۔

7 اور کاہِن اُسی خُون میں سے خُوشبُودار بخُور جلانے کی قُربان گاہ کے سِینگوں پر جو خَیمۂِ اِجتماع میں ہے خُداوند کے آگے لگائے اور اُس بچھڑے کے باقی سب خُون کو سوختنی قُربانی کے مذبح کے پایہ پر جو خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر ہے اُنڈیل دے۔

8 پِھر وہ خطا کی قُربانی کے بچھڑے کی سب چربی کو اُس سے الگ کرے یعنی جِس چربی سے انتڑیاں ڈھکی رہتی ہیں اور وہ سب چربی جو انتڑیوں پر لِپٹی رہتی ہے۔

9 اور دونوں گُردے اور اُن کے اُوپر کی چربی جو کمر کے پاس رہتی ہے اور جِگر پر کی جِھلّی گُردوں سمیت اِن سبھوں کو وہ وَیسے ہی الگ کرے۔

10 جَیسے سلامتی کے ذبِیحہ کے بچھڑے سے وہ الگ کِئے جاتے ہیں اور کاہِن اُن کو سوختنی قُربانی کے مذبح پر جلائے۔

11 اور اُس بچھڑے کی کھال اور اُس کا سب گوشت اور سر اور پائے اور انتڑیاں اور گوبر۔

12 یعنی پُورے بچھڑے کو لشکرگاہ کے باہر کِسی صاف جگہ میں جہاں راکھ پڑتی ہے لے جائے اور سب کُچھ لکڑیوں پر رکھ کر آگ سے جلائے ۔ وہ وہیں جلایا جائے جہاں راکھ ڈالی جاتی ہے۔

13 اگر بنی اِسرائیل کی ساری جماعت سے انجانے چُوک ہو جائے اور یہ بات جماعت کی آنکھوں سے چُھپی تو ہو تَو بھی وہ اُن کاموں میں سے جِنہیں خُداوند نے منع کِیا ہے کِسی کام کو کر کے مُجرِم ہو گئی ہو۔

14 تو اُس خطا کے جِس کے وہ قصُوروار ہوں معلُوم ہو جانے پر جماعت ایک بچھڑا خطا کی قُربانی کے طَور پر چڑھانے کے لِئے خَیمۂِ اِجتماع کے سامنے لائے۔

15 اور جماعت کے بزُرگ اپنے اپنے ہاتھ خُداوند کے آگے اُس بچھڑے کے سر پر رکھّیں اور بچھڑا خُداوند کے آگے ذبح کِیا جائے۔

16 اور کاہِن ممسُوح اُس بچھڑے کے خُون میں سے کُچھ خَیمۂِ اِجتماع میں لے جائے۔

17 اور کاہِن اپنی اُنگلی اُس خُون میں ڈبو ڈبو کر اُسے پردہ کے سامنے سات بار خُداوند کے آگے چِھڑکے۔

18 اور اُسی خُون میں سے مذبح کے سِینگوں پر جو خُداوند کے آگے خَیمۂِ اِجتماع میں ہے لگائے اور باقی سارا خُون سوختنی قُربانی کے مذبح کے پایہ پر جو خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر ہے اُنڈیل دے۔

19 اور اُس کی سب چربی اُس سے الگ کر کے اُسے مذبح پر جلائے۔

20 وہ بچھڑے سے یہی کرے یعنی جو کُچھ خطا کی قُربانی کے بچھڑے سے کِیا تھا وُہی اِس بچھڑے سے کرے ۔ یُوں کاہِن اُن کے لِئے کفّارہ دے تو اُنہیں مُعافی مِلے گی۔

21 اور وہ اُس بچھڑے کو لشکرگاہ کے باہر لے جا کر جلائے جَیسے پہلے بچھڑے کو جلایا تھا ۔ یہ جماعت کی خطا کی قُربانی ہے۔

22 اور جب کِسی سردار سے خطا سرزد ہو اور وہ اُن کاموں میں سے جِنہیں خُداوند نے منع کِیا ہے کِسی کام کو نادانِستہ کر بَیٹھے اور مُجرِم ہو جائے۔

23 تو جب وہ خطا جو اُس سے سرزد ہُوئی ہے اُسے بتا دی جائے تو وہ ایک بے عَیب بکرا اپنی قُربانی کے واسطے لائے۔

24 اور اپنا ہاتھ اُس بکرے کے سر پر رکھّے اور اُسے اُس جگہ ذبح کرے جہاں سوختنی قُربانی کے جانور خُداوند کے آگے ذبح کرتے ہیں ۔ یہ خطا کی قُربانی ہے۔

25 اور کاہِن خطا کی قُربانی کا کُچھ خُون اپنی اُنگلی پر لے کر اُسے سوختنی قُربانی کے مذبح کے سِینگوں پر لگائے اور اُس کا باقی سب خُون سوختنی قُربانی کے مذبح کے پایہ پر اُنڈیل دے۔

26 اور سلامتی کے ذبِیحہ کی چربی کی طرح اُس کی سب چربی مذبح پر جلائے ۔ یُوں کاہِن اُس کی خطا کا کفّارہ دے تو اُسے مُعافی مِلے گی۔

27 اور اگر کوئی عام آدمیوں میں سے نادانِستہ خطا کرے اور اُن کاموں میں سے جِنہیں خُداوند نے منع کِیا ہے کِسی کام کو کر کے مُجرِم ہو جائے۔

28 تُوجب وہ خطا جو اُس نے کی اُسے بتا دی جائے تو وہ اپنی اُس خطا کے واسطے جو اُس سے سرزد ہُوئی ہے ایک بے عَیب بکری لائے۔

29 اور وہ اپنا ہاتھ خطا کی قُربانی کے جانور کے سر پر رکھّے اور خطا کی قُربانی کے اُس جانور کو سوختنی قُربانی کی جگہ پر ذبح کرے۔

30 اور کاہِن اُس کا کُچھ خُون اپنی اُنگلی پر لے کر اُسے سوختنی قُربانی کے مذبح کے سِینگوں پر لگائے اور اُس کا باقی سب خُون مذبح کے پایہ پر اُنڈیل دے۔

31 اور وہ اُس کی ساری چربی کو الگ کرے جَیسے سلامتی کے ذبِیحہ کی چربی الگ کی جاتی ہے اور کاہِن اُسے مذبح پر راحت انگیز خُوشبُو کے طَور پر خُداوند کے لِئے جلائے ۔ یُوں کاہِن اُس کے لِئے کفّارہ دے تو اُسے مُعافی مِلے گی۔

32 اور اگر خطا کی قُربانی کے لِئے اُس کا چڑھاوا برّہ ہو تو وہ بے عَیب مادہ لائے۔

33 اور اپنا ہاتھ خطا کی قُربانی کے جانور کے سر پر رکھّے اور اُسے خطا کی قُربانی کے طَور پر اُس جگہ ذبح کرے جہاں سوختنی قُربانی ذبح کرتے ہیں۔

34 اور کاہِن خطا کی قُربانی کا کُچھ خُون اپنی اُنگلی پر لے کر اُسے سوختنی قُربانی کے مذبح کے سِینگوں پر لگائے اور اُس کا باقی سب خُون مذبح کے پایہ پر اُنڈیل دے۔

35 اور اُس کی سب چربی کو الگ کرے جَیسے سلامتی کے ذبِیحہ کے برّہ کی چربی الگ کی جاتی ہے اور کاہِن اُس کو مذبح پر خُداوند کی آتِشِین قُربانیوں کے اُوپر جلائے ۔ یُوں کاہِن اُس کے لِئے اُس کی خطا کا جو اُس سے ہُوئی ہے کفّارہ دے تو اُسے مُعافی مِلے گی۔

احبار 5

کَون کَون سی خطاؤں اور تقصیروں کے لِئے چڑھاوے ضرُوری ہیں

1 اور اگر کوئی اِس طرح خطا کرے کہ وہ گواہ ہو اور اُسے قَسم دی جائے کہ آیا اُس نے کُچھ دیکھا یا اُسے کُچھ معلُوم ہے اور وہ نہ بتائے تو اُس کا گُناہ اُسی کے سر لگے گا۔

2 یا اگر کوئی شخص کِسی ناپاک چِیز کو چُھو لے خواہ وہ ناپاک جانور یا ناپاک چَوپائے یا ناپاک رینگنے والے جاندار کی لاش ہو تو چاہے اُسے معلُوم بھی نہ ہو کہ وہ ناپاک ہو گیا ہے تو بھی وہ مُجرِم ٹھہرے گا۔

3 یا اگر وہ اِنسان کی اُن نجاستوں میں سے جِن سے وہ نجِس ہو جاتا ہے کِسی نجاست کو چُھو لے اور اُسے معلُوم نہ ہو تو وہ اُس وقت مُجرِم ٹھہرے گا جب اُسے معلُوم ہو جائے گا۔

4 یا اگر کوئی بغَیر سوچے اپنی زُبان سے بُرائی یا بھلائی کرنے کی قَسم کھا لے تو قَسم کھا کر وہ آدمی چاہے کَیسی ہی بات بغَیر سوچے کہہ دے بشرطیکہ اُسے معلُوم نہ ہو تو اَیسی بات میں مُجرِم اُس وقت ٹھہرے گا جب اُسے معلُوم ہو جائے گا۔

5 اور جب وہ اِن باتوں میں سے کِسی میں مُجرِم ہو تو جِس امر میں اُس سے خطا ہُوئی ہے وہ اُس کا اِقرار کرے۔

6 اور خُداوند کے حضُور اپنے جُرم کی قُربانی لائے یعنی جو خطا اُس سے ہُوئی ہے اُس کے لِئے ریوڑ میں سے ایک مادہ یعنی ایک بھیڑ یا بکری خطا کی قُربانی کے طَور پر گُذرانے اور کاہِن اُس کی خطا کا کفّارہ دے۔

7 اور اگر اُسے بھیڑ دینے کا مقدُور نہ ہو تو وہ اپنی خطا کے لِئے جُرم کی قُربانی کے طَور پر دو قُمریاں یا کبُوتر کے دو بچّے خُداوند کے حضُور گُذرانے ۔ ایک خطا کی قُربانی کے لِئے اور دُوسرا سوختنی قُربانی کے لِئے۔

8 وہ اُنہیں کاہِن کے پاس لے آئے جو پہلے اُسے جو خطا کی قُربانی کے لِئے ہے گُذرانے اور اُس کا سر گردن کے پاس سے مروڑ ڈالے پر اُسے الگ نہ کرے۔

9 اور خطا کی قُربانی کا کُچھ خُون مذبح کے پہلُو پر چِھڑکے اور باقی خُون کو مذبح کے پایہ پر گِرجانے دے ۔ یہ خطا کی قُربانی ہے۔

10 اور دُوسرے پرندے کو حُکم کے مُوافِق سوختنی قُربانی کے طَور پر چڑھائے ۔ یُوں کاہِن اُس کی خطا کا جو اُس نے کی ہے کفّارہ دے تو اُسے مُعافی مِلے گی۔

11 اور اگر اُسے دو قُمریاں یا کبُوتر کے دو بچّے لانے کا بھی مقدُور نہ ہو تو اپنی خطا کے واسطے اپنے چڑھاوے کے طَور پر ایفہ کے دسویں حِصّہ کے برابر مَیدہ خطا کی قُربانی کے لِئے لائے ۔ اُس پر نہ تو وہ تیل ڈالے نہ لُبان رکھّے کیونکہ یہ خطا کی قُربانی ہے۔

12 وہ اُسے کاہِن کے پاس لائے اور کاہِن اُس میں سے اپنی مُٹّھی بھر کر اُس کی یادگاری کا حِصّہ مذبح پر خُداوند کی آتِشِین قُربانی کے اُوپر جلائے ۔ یہ خطا کی قُربانی ہے۔

13 یُوں کاہِن اُس کے لِئے اِن باتوں میں سے جِس کِسی میں اُس سے خطا ہُوئی ہے اُس خطا کا کفّارہ دے تو اُسے مُعافی مِلے گی اور جو کُچھ باقی رہ جائے گا وہ نذر کی قُربانی کی طرح کاہِن کا ہو گا۔

تلافی کے نذرانے

14 اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ۔

15 اگر خُداوند کی پاک چِیزوں میں کِسی سے تقصِیر ہو اور وہ نادانِستہ خطا کرے تو وہ اپنے جُرم کی قُربانی کے طَور پر ریوڑ میں سے بے عَیب مینڈھا خُداوند کے حضُور چڑھائے ۔ جُرم کی قُربانی کے لِئے اُس کی قیمت مَقدِس کی مِثقال کےحِساب سے چاندی کی اُتنی ہی مِثقالیں ہوں جِتنی تُو مُقرّ ر کر دے۔

16 اور جِس پاک چِیز میں اُس سے تقصِیر ہُوئی ہے وہ اُس کا مُعاوضہ دے اور اُس میں پانچواں حِصّہ اَور بڑھا کر اُسے کاہِن کے حوالہ کرے ۔ یُوں کاہِن جُرم کی قُربانی کا مینڈھا چڑھا کر اُس کا کفّارہ دے تو اُسے مُعافی مِلے گی۔

17 اور اگر کوئی خطا کرے اور اُن کاموں میں سے جِنہیں خُداوند نے منع کِیا ہے کِسی کام کو کرے تو چاہے وہ یہ بات جانتا بھی نہ ہو تَو بھی مُجرِم ٹھہرے گا اور اُس کا گُناہ اُسی کے سر لگے گا۔

18 پس وہ ریوڑ میں سے ایک بے عَیب مینڈھا اُتنے ہی دام کا جو تُو مُقرّر کر دے جُرم کی قُربانی کے طَور پر کاہِن کے پاس لائے ۔ یُوں کاہِن اُس کی اُس بات کا جِس میں اُس سے نادانِستہ چُوک ہو گئی کفّارہ دے تو اُسے مُعافی مِلے گی۔

19 یہ جُرم کی قُربانی ہے کیونکہ وہ یقیناً خُداوند کے آگے مُجرِم ہے۔

احبار 6

1 پِھر خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا۔

2 اگر کِسی سے یہ خطا ہو کہ وہ خُداوند کا قصُور کرے اور امانت یا لین دین یا لُوٹ کے مُعاملہ میں اپنے ہمسایہ کو فریب دے یا اپنے ہمسایہ پر ظُلم کرے۔

3 یا کِسی کھوئی ہُوئی چِیز کو پا کر فریب دے اور جُھوٹی قَسم بھی کھا لے پس اِن میں سے خواہ کوئی بات ہو جِس میں کِسی شخص سے خطا ہو گئی ہے۔

4 سو اگر اُس سے خطا ہُوئی ہے اور وہ مُجرِم ٹھہرا ہے تو جو چِیز اُس نے لُوٹی یا جو چِیز اُس نے ظُلم کر کے چِھینی یا جو چِیز اُس کے پاس امانت تھی یا جو کھوئی ہُوئی چِیز اُسے مِلی۔

5 یا جِس چِیز کے بارے میں اُس نے جُھوٹی قَسم کھائی اُس چِیز کو وہ ضرُور پُورا پُورا واپس کرے اور اصل کے ساتھ پانچواں حِصّہ بھی بڑھا کر دے ۔ جِس دِن یہ معلُوم ہو کہ وہ مُجرِم ہے اُسی دِن وہ اُسے اُس کے مالِک کو واپس دے۔

6 اور اپنےجُرِم کی قُربانی خُداوند کے حضُور چڑھائے اور جِتنا دام تُو مُقرّ ر کرے اُتنے دام کا ایک بے عَیب مینڈھا ریوڑ میں سے جُرِم کی قُربانی کے طَور پر کاہِن کے پاس لائے۔

7 یُوں کاہِن اُس کے لِئے خُداوند کے حضُور کفّارہ دے تو جِس کام کو کر کے وہ مُجرِم ٹھہرا ہے اُس کی اُسے مُعافی مِلے گی۔

پُوری سوختنی قُربانیاں

8 پِھر خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا۔

9 ہارُون اور اُس کے بیٹوں کو یُوں حُکم دے کہ سوختنی قُربانی کے بارے میں شرع یہ ہے کہ سوختنی قُربانی مذبح کے اُوپر آتِشدان پر تمام رات صُبح تک رہے اور مذبح کی آگ اُس پر جلتی رہے۔

10 اور کاہِن اپنا کتان کا لِباس پہنے اور کتان کے پاجامے کو اپنے تن پر ڈالے اور آگ نے جو سوختنی قُربانی کو مذبح پر بھسم کر کے راکھ کر دِیا ہے اُس راکھ کو اُٹھا کر اُسے مذبح کی ایک طرف رکھّے۔

11 پِھر وہ اپنے لِباس کو اُتار کر دُوسرے کپڑے پہنے اور اُس راکھ کو اُٹھا کر لشکرگاہ کے باہر کِسی صاف جگہ میں لے جائے۔

12 اور مذبح پر آگ جلتی رہے اور کبھی بُجھنے نہ پائے اور کاہِن ہر صُبح کو اُس پر لکڑیاں جلا کر سوختنی قُربانی کو اُس کے اُوپر چُن دے اور سلامتی کے ذبِیحوں کی چربی کو اُس کے اُوپر جلایا کرے۔

13 مذبح پر آگ ہمیشہ جلتی رکھّی جائے ۔ وہ کبھی بُجھنے نہ پائے۔

اناج کے نذرانے

14 اور نذر کی قُربانی کے بارے میں شرع یہ ہے کہ ہارُون کے بیٹے اُسے مذبح کے آگے خُداوند کے حضُور گُذرانیں۔

15 اور وہ نذر کی قُربانی میں سے اپنی مُٹّھی بھر اِس طرح نِکالے کہ اُس میں تھوڑا سا مَیدہ اور کُچھ تیل جو اُس میں پڑا ہو گا اور نذر کی قُربانی کا سب لُبان آ جائے اور اِس یادگاری کے حِصّہ کو مذبح پر خُداوند کے حضُور راحت انگیز خُوشبُو کے طَور پر جلائے۔

16 اور جو باقی بچے اُسے ہارُون اور اُس کے بیٹے کھائیں ۔ وہ بغیر خمِیر کے پاک جگہ میں کھایا جائے یعنی وہ خَیمۂِ اِجتماع کے صحن میں اُسے کھائیں۔

17 وہ خمِیر کے ساتھ پکایا نہ جائے ۔ مَیں نے یہ اپنی آتِشِین قُربانیوں میں سے اُن کا حِصّہ دِیا ہے اور یہ خطا کی قُربانی اور جُرم کی قُربانی کی طرح نِہایت پاک ہے۔

18 ہارُون کی اَولاد کے سب مَرد اُس میں سے کھائیں ۔ تُمہاری پُشت در پُشت خُداوند کی آتِشِین قُربانیوں میں سے یہ اُن کا حق ہو گا ۔ جو کوئی اُنہیں چُھوئے وہ پاک ٹھہرے گا۔

19 اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ۔

20 جِس دِن ہارُون کو مَسح کِیا جائے اُس دِن وہ اور اُس کے بیٹے خُداوند کے حضُور یہ چڑھاوا چڑھائیں کہ ایفہ کے دسویں حِصّہ کے برابر مَیدہ آدھا صُبح کو اور آدھا شام کو ہمیشہ نذر کی قُربانی کے لِئے لائیں۔

21 وہ توے پر تیل میں پکایا جائے ۔ جب وہ تر ہو جائے تو تُو اُسے لے آنا ۔ اِس نذر کی قُربانی کو پکوان کے ٹُکڑوں کی صُورت میں گُذراننا تاکہ وہ خُداوند کے لِئے راحت انگیز خُوشبُو بھی ہو۔

22 اور جو اُس کے بیٹوں میں سے اُس کی جگہ کاہِن ممسُوح ہو وہ اُسے گُذرانے ۔ یہ دائمی قانُون ہو گا کہ وہ خُداوند کے حضُور بِالکُل جلایا جائے۔

23 کاہِن کی ہر ایک نذر کی قُربانی بِالکُل جلائی جائے ۔ وہ کبھی کھائی نہ جائے۔

خطا کی قُربانیاں

24 اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا۔

25 ہارُون اور اُس کے بیٹوں سے کہہ کہ خطا کی قُربانی کے بارے میں شرع یہ ہے کہ جِس جگہ سوختنی قُربانی کا جانور ذبح کِیا جاتا ہے وہِیں خطا کی قُربانی کا جانور بھی خُداوند کے آگے ذبح کِیا جائے ۔ وہ نِہایت پاک ہے۔

26 جو کاہِن اُسے خطا کے لِئے گُذرانے وہ اُسے کھائے ۔ وہ پاک جگہ میں یعنی خَیمۂِ اِجتماع کے صحن میں کھایا جائے۔

27 جو کُچھ اُس کے گوشت سے چُھوجائے وہ پاک ٹھہرے گا اور اگر کِسی کپڑے پر اُس کے خُون کی چِھینٹ پڑ جائے تو جِس کپڑے پر اُس کی چِھینٹ پڑی ہے تُو اُسے کِسی پاک جگہ میں دھونا۔

28 اور مِٹّی کا وہ برتن جِس میں وہ پکایا جائے توڑ دِیا جائے پر اگر وہ پِیتل کے برتن میں پکایا جائے تو اُس برتن کو مانج کر پانی سے دھو لِیا جائے۔

29 اور کاہِنوں میں سے ہر مَرد اُسے کھائے ۔ وہ نِہایت پاک ہے۔

30 پر جِس خطا کی قُربانی کا کُچھ خُون خُیمۂِ اِجتماع کے اندر پاک مقام میں کفّارہ کے لِئے پُہنچایا گیا ہے اُس کا گوشت کبھی نہ کھایا جائے بلکہ وہ آگ سے جلا دِیا جائے۔

احبار 7

تلافی کے نذرانے

1 اور جُرم کی قُربانی کے بارے میں شرع یہ ہے ۔ وہ نِہایت مُقدّس ہے۔

2 جِس جگہ سوختنی قُربانی کے جانور کو ذبح کرتے ہیں وہِیں وہ جُرم کی قُربانی کے جانور کو بھی ذبح کریں اور وہ اُس کے خُون کو مذبح کے گِرداگِرد چِھڑکے۔

3 اور وہ اُس کی سب چربی کو چڑھائے یعنی اُس کی موٹی دُم کو اور اُس چربی کو جِس سے انتڑیاں ڈھکی رہتی ہیں۔

4 اور دونوں گُردے اور اُن کے اُوپر کی چربی جو کمر کے پاس رہتی ہے اور جِگر پر کی جِھلّی گُردوں سمیت ۔ اِن سب کو وہ الگ کرے۔

5 اور کاہِن اُن کو مذبح پر خُداوند کے حضُور آتِشِین قُربانی کے طَور پر جلائے ۔ یہ جُرم کی قُربانی ہے۔

6 اور کاہِنوں میں سے ہر مَرد اُسے کھائے اور کِسی پاک جگہ میں اُسے کھائیں ۔ وہ نِہایت پاک ہے۔

7 جُرم کی قُربانی وَیسی ہی ہے جَیسی خطا کی قُربانی ہے اور اُن کے لِئے ایک ہی شرع ہے اور اُنہیں وُہی کاہِن لے جو اُن سے کفّارہ دیتا ہے۔

8 اور جو کاہِن کِسی شخص کی طرف سے سوختنی قُربانی گُذرانتا ہے وُہی کاہِن اُس سوختنی قُربانی کی کھال کو جو اُس نے گُذرانی اپنے واسطے لے لے۔

9 اور ہر ایک نذر کی قُربانی جو تنُور میں پکائی جائے اور وہ بھی جو کڑاہی میں تیّار کی جائے اور توے کی پکی ہُوئی بھی اُسی کاہِن کی ہے جو اُسے گُذرانے۔

10 اور ہر ایک نذر کی قُربانی خواہ اُس میں تیل مِلا ہُؤا ہو یا وہ خُشک ہو برابر برابر ہارُون کے سب بیٹوں کے لِئے ہو۔

سلامتی کے ذبِیحے

11 اور سلامتی کے ذبِیحہ کے بارے میں جِسے کوئی خُداوند کے حضُور چڑھائے شرع یہ ہے۔

12 کہ وہ اگر شُکرانہ کے طَور پر اُسے چڑھائے تو وہ شُکرانے کے ذبِیحہ کے ساتھ تیل مِلے ہُوئے بے خمِیری کُلچے اور تیل چُپڑی ہُوئی بے خمِیری چپاتیاں اور تیل مِلے ہُوئے مَیدہ کے تر کُلچے بھی گُذرانے۔

13 اور سلامتی کے ذبِیحہ کی قُربانی کے ساتھ جو شُکرانہ کے لِئے ہو گی وہ خمِیری روٹی کے گِردے اپنے چڑھاوے پر گُذرانے۔

14 اور ہر چڑھاوے میں سے وہ ایک کو لے کر اُسے خُداوند کے رُوبرُو ہِلانے کی قُربانی کے طَور پر چڑھائے اور یہ اُس کاہِن کا ہو جو سلامتی کے ذبِیحہ کا خُون چِھڑکتا ہے۔

15 اور سلامتی کے ذبِیحوں کی اُس قُربانی کا گوشت جو اُس کی طرف سے شُکرانہ کے طَور پر ہو گی قُربانی چڑھانے کے دِن ہی کھا لِیا جائے ۔ وہ اُس میں سے کُچھ صُبح تک باقی نہ چھوڑے۔

16 پر اگر اُس کے چڑھاوے کی قُربانی مَنّت کا یا رضا کا ہدیہ ہو تو وہ اُس دِن کھائی جائے جِس دِن وہ اپنی قُربانی گُذرانے اور جو کُچھ اُس میں سے بچ رہے وہ دُوسرے دِن کھایا جائے۔

17 پر جو کُچھ اُس قُربانی کے گوشت میں سے تِیسرے دِن تک رہ جائے وہ آگ میں جلا دِیا جائے۔

18 اور اُس کے سلامتی کے ذبِیحوں کی قُربانی کے گوشت میں سے اگر کُچھ تِیسرے دِن کھایا جائے تو وہ منظُور نہ ہو گا اور نہ اُس کا ثواب قُربانی دینے والے کی طرف منسُوب ہو گا بلکہ یہ مکرُوہ بات ہو گی اور جو اُس میں سے کھائے اُس کا گُناہ اُسی کے سر لگے گا۔

19 اور جو گوشت کِسی ناپاک چِیز سے چُھو جائے کھایا نہ جائے ۔ وہ آگ میں جلایا جائے۔

اور ذبِیحہ کے گوشت کو جو پاک ہے وہ تو کھائے۔

20 لیکن جو شخص نجاست کی حالت میں خُداوند کی سلامتی کے ذبِیحہ کا گوشت کھائے وہ اپنے لوگوں میں سے کاٹ ڈالا جائے۔

21 اور جو کوئی کِسی ناپاک چِیز کو چُھوئے خواہ وہ اِنسان کی نجاست ہو یا ناپاک جانور ہو یا کوئی نجِس مکرُوہ شَے ہو اور پِھر خُداوند کے سلامتی کے ذبِیحہ کے گوشت میں سے کھائے وہ بھی اپنے لوگوں میں سے کاٹ ڈالا جائے۔

22 اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا۔

23 بنی اِسرائیل سے کہہ کہ تُم لوگ نہ تو بَیل کی نہ بھیڑ کی اور نہ بکری کی کُچھ چربی کھانا۔

24 جو جانور خُود بخُود مَر گیا ہو اور جِس کو درِندوں نے پھاڑا ہو اُن کی چربی اَور اَور کام میں لاؤ تو لاؤ پر اُسے تُم کِسی حال میں نہ کھانا۔

25 کیونکہ جو کوئی اَیسے چَوپائے کی چربی کھائے جِسے لوگ آتِشِین قُربانی کے طَور پر خُداوند کے حضُور چڑھاتے ہیں وہ کھانے والا آدمی اپنے لوگوں میں سے کاٹ ڈالا جائے۔

26 اور تُم اپنی سکُونت گاہوں میں کہِیں بھی کِسی طرح کا خُون خواہ پرِندے کا ہو یا چَوپائے کا ہرگِز نہ کھانا۔

27 جو کوئی کِسی طرح کا خُون کھائے وہ شخص اپنے لوگوں میں سے کاٹ ڈالا جائے۔

28 اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا۔

29 بنی اِسرائیل سے کہہ کہ جو کوئی اپنا سلامتی کا ذبِیحہ خُداوند کے حضُور گُذرانے وہ خُود ہی اپنے سلامتی کے ذبِیحہ کی قُربانی میں سے اپنا چڑھاوا خُداوند کے حضُور لائے۔

30 وہ اپنے ہی ہاتھوں میں خُداوند کی آتِشِین قُربانی کو لائے یعنی چربی کو سِینہ سمیت لائے کہ سِینہ ہلانے کی قُربانی کے طَور پر ہِلایا جائے۔

31 اور کاہِن چربی کو مذبح پر جلائے پر سِینہ ہارُون اور اُس کے بیٹوں کا ہو۔

32 اور تُم سلامتی کے ذبِیحوں کی دہنی ران اُٹھانے کی قُربانی کے طَور پر کاہِن کو دینا۔

33 ہارُون کے بیٹوں میں سے جو سلامتی کے ذبِیحوں کا خُون اور چربی گُذرانے وُہی وہ دہنی ران اپنا حِصّہ لے۔

34 کیونکہ بنی اِسرائیل کے سلامتی کے ذبِیحوں میں سے ہِلانے کی قُربانی کا سِینہ اور اُٹھانے کی قُربانی کی ران کو لے کر مَیں نے ہارُون کاہِن اور اُس کے بیٹوں کو دِیا ہے کہ یہ ہمیشہ بنی اِسرائیل کی طرف سے اُن کا حق ہو۔

35 یہ خُداوند کی آتِشِین قُربانیوں میں سے ہارُون کے ممسُوح ہونے کا اور اُس کے بیٹوں کے ممسُوح ہونے کا حِصّہ ہے جو اُس دِن مُقرّر ہُؤا جب وہ خُداوند کے حضُور کاہِن کی خِدمت کو انجام دینے کے لِئے حاضِر کِئے گئے۔

36 یعنی جِس دِن خُداوند نے اُنہیں مَسح کِیا اُس دِن اُس نے یہ حُکم دِیا کہ بنی اِسرائیل کی طرف سے اُنہیں یہ مِلا کرے ۔ سو اُن کی نسل در نسل یہ اُن کا حق رہے گا۔

37 سوختنی قُربانی اور نذر کی قُربانی اور خطا کی قُربانی اور جُرم کی قُربانی اور تخصِیص اور سلامتی کے ذبِیحہ کے بارے میں شرع یہ ہے۔

38 جِس کا حُکم خُداوند نے مُوسیٰ کو اُس دِن کوہِ سِینا پر دِیا جِس دِن اُس نے بنی اِسرائیل کو فرمایا کہ سِینا کے بیابان میں خُداوند کے حضُور اپنی قُربانی گُذرانیں۔

احبار 8

ہارُون اور اُس کے بیٹوں کی مخصُوصِیّت

1 اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا۔

2 ہارُون اور اُس کے ساتھ اُس کے بیٹوں کو اور لِباس کو اور مَسح کرنے کے تیل کو اور خطا کی قُربانی کے بچھڑے اور دونوں مینڈھوں اور بے خمِیری روٹیوں کی ٹوکری کو لے۔

3 اور ساری جماعت کو خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر جمع کر۔

4 چُنانچہ مُوسیٰ نے خُداوند کے حُکم کے مُطابِق عمل کِیا اور ساری جماعت خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر جمع ہُوئی۔

5 تب مُوسیٰ نے جماعت سے کہا یہ وہ کام ہے جِس کے کرنے کا حُکم خُداوند نے دِیا ہے۔

6 پِھر مُوسیٰ ہارُون اور اُس کے بیٹوں کو آگے لایا اور اُن کو پانی سے غُسل دِلایا۔

7 اور اُس کو کُرتا پہنا کر اُس پر کمربند لپیٹا اور اُس کو جُبّہ پہنا کر اُس پر افُود لگایا اور افُود کے کارِیگری سے بُنے ہُوئے کمر بند کو اُس پر لپیٹا اور اُسی سے اُس کو اُس کے اُوپر کَس دِیا۔

8 اور سِینہ بند کو اُس کے اُوپر لگا کر سِینہ بند میں اُورِیم اور تُمیّم لگا دِئے۔

9 اور اُس کے سر پر عمامہ رکھّا اور عمامہ پر سامنے سونے کے پتّر یعنی مُقدّس تاج کو لگایا جَیسا خُداوند نے مُوسیٰ کو حُکم کِیا تھا۔

10 اور مُوسیٰ نے مَسح کرنے کا تیل لِیا اور مسکن کو اور جو کُچھ اُس میں تھا سب کو مَسح کر کے مُقدّس کِیا۔

11 اور اُس میں سے تھوڑا سا لے کر مذبح پر سات بار چِھڑکا اور مذبح اور اُس کے سب ظُروف کو اور حَوض اور اُس کی کُرسی کو مَسح کِیا تاکہ اُنہیں مُقدّس کرے۔

12 اور مَسح کرنے کے تیل میں سے تھوڑا سا ہارُون کے سر پر ڈالا اور اُسے مَسح کِیا تاکہ وہ مُقدّس ہو۔

13 پِھر مُوسیٰ ہارُون کے بیٹوں کو آگے لایا اور اُن کو کُرتے پہنائے اور اُن پر کمربند لپیٹے اور اُن کو پگڑیاں پہنائِیں جَیسا خُداوند نے مُوسیٰ کو حُکم کِیا تھا۔

14 اور وہ خطا کی قُربانی کے بچھڑے کو آگے لایا اور ہارُون اور اُس کے بیٹوں نے اپنے اپنے ہاتھ خطا کی قُربانی کے بچھڑے کے سر پر رکھّے۔

15 پِھر اُس نے اُس کو ذبح کِیا اور مُوسیٰ نے خُون کو لے کر مذبح کے گِرداگِرد اُس کے سِینگوں پر اپنی اُنگلی سے لگایا اور مذبح کو پاک کِیا اور باقی خُون مذبح کے پایہ پر اُنڈیل کر اُس کا کفّارہ دِیا تاکہ وہ مُقدّس ہو۔

16 اور مُوسیٰ نے انتڑیوں کے اُوپر کی ساری چربی اور جِگر پر کی جِھلّی اور دونوں گُردوں اور اُن کی چربی کو لِیا اور اُنہیں مذبح پر جلایا۔

17 لیکن بچھڑے کو اُس کی کھال اور گوشت اور گوبر سمیت لشکرگاہ کے باہر آگ میں جلایا جَیسا خُداوند نے مُوسیٰ کو حُکم کِیا تھا۔

18 پِھر اُس نے سوختنی قُربانی کے مینڈھے کو حاضِر کِیا اور ہارُون اور اُس کے بیٹوں نے اپنے اپنے ہاتھ اُس مینڈھے کے سر پر رکھّے۔

19 اور اُس نے اُس کو ذبح کِیا اور مُوسیٰ نے خُون کو مذبح کے اُوپر گِرداگِرد چِھڑکا۔

20 پِھر اُس نے مینڈھے کے عُضو عُضو کو کاٹ کر الگ کِیا اور مُوسیٰ نے سر اور اعضا اور چربی کو جلایا۔

21 اور اُس نے انتڑیوں اور پایوں کو پانی سے دھویا اور مُوسیٰ نے پُورے مینڈھے کو مذبح پر جلایا ۔ یہ سوختنی قُربانی راحت انگیز خُوشبُو کے لِئے تھی ۔ یہ خُداوند کی آتِشِین قُربانی تھی جَیسا خُداوند نے مُوسیٰ کو حُکم کِیا تھا۔

22 اور اُس نے دُوسرے مینڈھے کو جو تخصِیصی مینڈھا تھا حاضِر کِیا اور ہارُون اور اُس کے بیٹوں نے اپنے اپنے ہاتھ اُس مینڈھے کے سر پر رکھّے۔

23 اور اُس نے اُس کو ذبح کِیا اور مُوسیٰ نے اُس کا کُچھ خُون لے کر اُسے ہارُون کے دہنے کان کی لَو پر اور دہنے ہاتھ کے انگُوٹھے اور دہنے پاؤں کے انگُوٹھے پر لگایا۔

24 پِھر وہ ہارُون کے بیٹوں کو آگے لایا اور اُسی خُون میں سے کُچھ اُن کے دہنے کان کی لَو پر اور دہنے ہاتھ کے انگُوٹھے اور دہنے پاؤں کے انگُوٹھے پر لگایا اور باقی خُون کو اُس نے مذبح کے اُوپر گِرداگِرد چِھڑکا۔

25 اور اُس نے چربی اور موٹی دُم اور انتڑیوں کے اُوپر کی چربی اور جِگر پر کی جِھلّی اور دونوں گُردے اور اُن کی چربی اور دہنی ران اِن سبھوں کو لِیا۔

26 اور بے خمِیری روٹِیوں کی ٹوکری میں سے جو خُداوند کے حضُور رہتی تھی بے خمِیری روٹی کا ایک گِردہ اور تیل چُپڑی ہُوئی روٹی کا ایک گِردہ اور ایک چپاتی نِکال کر اُنہیں چربی اور دہنی ران پر رکھّا۔

27 اور اِن سبھوں کو ہارُون اور اُس کے بیٹوں کے ہاتھوں پر رکھ کر اُن کو ہِلانے کی قُربانی کے طَور پر خُداوند کے حضُور ہِلایا۔

28 پِھر مُوسیٰ نے اُن کو اُن کے ہاتھوں سے لے لِیا اور اُن کو مذبح پر سوختنی قُربانی کے اُوپر جلایا ۔ یہ راحت انگیز خُوشبُو کے لِئے تخصِیصی قُربانی تھی ۔ یہ خُداوند کی آتِشِین قُربانی تھی۔

29 پِھر مُوسیٰ نے سِینہ کو لِیا اور اُس کو ہِلانے کی قُربانی کے طَور پر خُداوند کے حضُور ہِلایا ۔ اُس تخصِیصی مینڈھے میں سے یہی مُوسیٰ کا حِصّہ تھا جَیسا خُداوند نے مُوسیٰ کو حُکم کِیا تھا۔

30 اور مُوسیٰ نے مَسح کرنے کے تیل اور مذبح کے اُوپر کے خُون میں سے کُچھ کُچھ لے کر اُسے ہارُون اور اُس کے لِباس پر اور ساتھ ہی اُس کے بیٹوں پر اور اُن کے لِباس پر چِھڑکا اور ہارُون اور اُس کے لِباس کو اور اُس کے بیٹوں کو اور اُن کے لِباس کو مُقدّس کِیا۔

31 اور مُوسیٰ نے ہارُون اور اُس کے بیٹوں سے کہا کہ یہ گوشت خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر پکاؤ اور اِس کو وہیں اُس روٹی کے ساتھ جو تخصِیصی ٹوکری میں ہے کھاؤ جَیسا مَیں نے حُکم کِیا ہے کہ ہارُون اور اُس کے بیٹے اُسے کھائیں۔

32 اور اِس گوشت اور روٹی میں سے جو کُچھ بچ رہے اُسے آگ میں جلا دینا۔

33 اور جب تک تُمہاری تخصِیص کے ایّام پُورے نہ ہوں تب تک یعنی سات دِن تک تُم خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ سے باہر نہ جانا کیونکہ سات دِن تک وہ تُمہاری تخصِیص کرتا رہے گا۔

34 جَیسا آج کِیا گیا ہے وَیسا ہی کرنے کا حُکم خُداوند نے دِیا ہے تاکہ تُمہارے لِئے کفّارہ ہو۔

35 سو تُم خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر سات روز تک دِن رات ٹھہرے رہنا اور خُداوند کے حُکم کو ماننا تاکہ تُم مَر نہ جاؤ کیونکہ اَیسا ہی حُکم مُجھ کو مِلا ہے۔

36 پس ہارُون اور اُس کے بیٹوں نے سب کام خُداوند کے حُکم کے مُطابِق کِیا جو اُس نے مُوسیٰ کی معرفت دِیا تھا۔