گِنتی 25

اِسرائیلی فغُور کے مقام پر

1 اور اِسرائیلی شِطّیم میں رہتے تھے اور لوگوں نے موآبی عَورتوں کے ساتھ حرامکاری شرُوع کر دی۔

2 کیونکہ وہ عَورتیں اِن لوگوں کو اپنے دیوتاؤں کی قُربانیوں میں آنے کی دعوت دیتی تِھیں اور یہ لوگ جا کر کھاتے اور اُن کے دیوتاؤں کو سِجدہ کرتے تھے۔

3 یُوں اِسرائیلی بعل فغُور کو پُوجنے لگے ۔ تب خُداوند کا قہر بنی اِسرائیل پر بھڑکا۔

4 اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا قَوم کے سب سرداروں کو پکڑ کر خُداوند کے حضُور دُھوپ میں ٹانگ دے تاکہ خُداوند کا شدِید قہر اِسرا ئیل پر سے ٹل جائے۔

5 سو مُوسیٰ نے بنی اِسرائیل کے حاکِموں سے کہا کہ تُمہارے جو جو آدمی بعل فغُور کی پُوجا کرنے لگے ہیں اُن کو قتل کر ڈالو۔

6 اور جب بنی اِسرائیل کی جماعت خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر رو رہی تھی تو ایک اِسرائیلی مُوسیٰ اور تمام لوگوں کی آنکھوں کے سامنے ایک مِدیانی عَورت کو اپنے ساتھ اپنے بھائِیوں کے پاس لے آیا۔

7 جب فِینحا س بِن الِیعزر بِن ہارُون کاہِن نے یہ دیکھا تو اُس نے جماعت میں سے اُٹھ ہاتھ میں ایک برچھی لی۔

8 اور اُس مَرد کے پِیچھے جا کر خَیمہ کے اندر گُھسا اور اُس اِسرائیلی مَرد اور اُس عَورت دونوں کا پیٹ چھید دِیا ۔ تب بنی اِسرائیل میں سے وبا جاتی رہی۔

9 اور جِتنے اِس وبا سے مَرے اُن کا شُمار چَوبِیس ہزار تھا۔

10 اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ۔

11 فِینحا س بِن الِیعزر بِن ہارُون کاہِن نے میرے قہر کو بنی اِسرائیل پر سے ہٹایا کیونکہ اُن کے بِیچ اُسے میرے لِئے غَیرت آئی ۔ اِسی لِئے مَیں نے بنی اِسرائیل کو اپنی غَیرت کے جوش میں نابُود نہیں کِیا۔

12 سو تُو کہہ دے کہ مَیں نے اُس سے اپنا صُلح کا عہد باندھا۔

13 اور وہ اُس کے لِئے اور اُس کے بعد اُس کی نسل کے لِئے کہانت کا دائِمی عہد ہو گا کیونکہ وہ اپنے خُدا کے لِئے غیرت مند ہُؤا اور اُس نے بنی اِسرائیل کے لِئے کفّارہ دِیا۔

14 اُس اِسرائیلی مَرد کا نام جو اُس مِدیانی عَورت کے ساتھ مارا گیا زِمر ی تھا جو سلُو کا بیٹا اور شمعُو ن کے قبِیلہ کے ایک آبائی خاندان کا سردار تھا۔

15 اور جو مِدیانی عَورت ماری گئی اُس کا نام کزبی تھا ۔ وہ صُور کی بیٹی تھی جو مِدیان میں ایک آبائی خاندان کے لوگوں کا سردار تھا۔

16 اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ۔

17 مِدیانِیوں کو ستانا اور اُن کو مارنا۔

18 کیونکہ وہ تُم کو اپنے مکر کے دام میں پھنسا کر ستاتے ہیں جَیسا فغُور کے مُعاملہ میں ہُؤا اور کزبی کے مُعاملہ میں بھی ہُؤا جو مِدیا ن کے سردار کی بیٹی اور مِدیانِیوں کی بہن تھی اور فغُور ہی کے مُعاملہ میں وبا کے دِن ماری گئی۔

گِنتی 26

دُوسری مَردُم شُماری

1 اور وبا کے بعد خُداوند نے مُوسیٰ اور ہارُون کاہِن کے بیٹے الِیعزر سے کہا کہ۔

2 بنی اِسرائیل کی ساری جماعت میں بِیس برس اور اُس سے اُوپر اُوپر کی عُمر کے جِتنے اِسرائیلی جنگ کرنے کے قابِل ہیں اُن سبھوں کو اُن کے آبائی خاندانوں کے مُطابِق گِنو۔

3 چُنانچہ مُوسیٰ اور الِیعزر کاہِن نے موآب کے مَیدانوں میں جو یَردن کے کنارے کنارے یرِیحُو کے مُقابِل ہیں اُن لوگوں سے کہا۔

4 کہ بِیس برس اور اُس سے اُوپر اُوپر کی عُمر کے آدمِیوں کو وَیسے ہی گِن لو جَیسے خُداوند نے مُوسیٰ اور بنی اِسرائیل کو جب وہ مُلکِ مِصر سے نِکل آئے تھے حُکم کِیا تھا۔

5 رُوبن جو اِسرا ئیل کا پہلوٹھا تھا اُس کے بیٹے یہ ہیں یعنی حنُوک جِس سے حنُوکِیوں کا خاندان چلا اور فلُّو جِس سے فلُّوِیوں کا خاندان چلا۔

6 اور حصرو ن جِس سے حصرونیوں کا خاندان چلا اور کَرمی جِس سے کَرمِیوں کا خاندان چلا۔

7 یہ بنی رُوبن کے خاندان ہیں اور اِن میں سے جو گِنے گئے وہ تینتالِیس ہزار سات سَو تِیس تھے۔

8 اور فلُّو کا بیٹا الِیاب تھا۔

9 اور الِیاب کے بیٹے نمُوایل اور داتن اور اَبِیرا م تھے ۔ یہ وُہی داتن اور اَبِیرام ہیں جو جماعت کے چُنے ہُوئے تھے اور جب قورَح کے فرِیق نے خُداوند سے جھگڑا کِیا تو یہ بھی اُس فرِیق کے ساتھ مِل کر مُوسیٰ اور ہارُون سے جھگڑے۔

10 اور جب اُن ڈھائی سَو آدمِیوں کے آگ میں بھسم ہو جانے سے وہ فرِیق نابُود ہو گیا اُسی مَوقع پر زمِین نے مُنہ کھول کر قورَح سمیت اُن کو بھی نِگل لِیا تھا اور وہ سب عِبرت کا نِشان ٹھہرے۔

11 لیکن قورَح کے بیٹے نہیں مَرے تھے۔

12 اور شمعُو ن کے بیٹے جِن سے اُن کے خاندان چلے یہ ہیں یعنی نمُوایل جِس سے نمُوایلِیوں کا خاندان چلا اور یمِین جِس سے یمِینِیوں کا خاندان چلا اور یکِین جِس سے یکِینِیوں کا خاندان چلا۔

13 اور زارَح جِس سے زارحِیوں کا خاندان چلا اور ساؤُ ل جِس سے ساؤُلیوں کا خاندان چلا۔

14 سو بنی شمعُون کے خاندانوں میں سے بائِیس ہزار دو سَو آدمی گِنے گئے۔

15 اور جد کے بیٹے جِن سے اُن کے خاندان چلے یہ ہیں یعنی صفو ن جِس سے صفونِیوں کا خاندان چلا اور حَجّی جِس سے حَجّیوں کا خاندان چلا اور سُونی جِس سے سُونِیوں کا خاندان چلا۔

16 اور اُزنی جِس سے اُزنِیوں کا خاندان چلا اور عیر ی جِس سے عیرِیوں کا خاندان چلا۔

17 اور اُرود جِس سے اُرودِیوں کا خاندان چلا اور اَریلی جِس سے اَریلِیوں کا خاندان چلا۔

18 بنی جد کے یِہی گھرانے ہیں ۔ جو اِن میں سے گِنے گئے وہ چالِیس ہزار پانچ سَو تھے۔

19 یہُوداہ کے بیٹوں میں سے عیر اور اونان تو مُلکِ کنعا ن ہی میں مَر گئے۔

20 اور یہُودا ہ کے اَور بیٹے جِن سے اُن کے خاندان چلے یہ ہیں یعنی سیلہ جِس سے سیلانِیوں کا خاندان چلا اورفارص جِس سے فارصِیوں کا خاندان چلا اور زارَح جِس سے زارحِیوں کا خاندان چلا۔

21 فار ص کے بیٹے یہ ہیں یعنی حصرو ن جِس سے حصرونِیوں کا خاندان چلا اور حمُول جِس سے حمُولِیو ں کا خاندان چلا۔

22 یہ بنی یہُوداہ کے گھرانے ہیں ۔ اِن میں سے چِھہتّر ہزار پانچ سَو آدمی گِنے گئے۔

23 اور اِشکار کے بیٹے جِن سے اُن کے خاندان چلے یہ ہیں یعنی تولع جِس سے تولعِیوں کا خاندان چلا اور فُوّہ جِس سے فُوِّیوں کا خاندان چلا۔

24 یسُوب جِس سے یسُوبِیوں کاخاندان چلا ۔ سِمرو ن جِس سے سِمرونِیوں کا خاندان چلا۔

25 یہ بنی اِشکار کے گھرانے ہیں ۔ اِن میں سے جو گِنے گئے وہ چَونسٹھ ہزار تِین سَو تھے۔

26 اور زبُولُون کے بیٹے جِن سے اُن کے خاندان چلے یہ ہیں یعنی سرد جِس سے سردِیوں کا خاندان چلا ۔ ایلو ن جِس سے ایلونیوں کا خاندان چلا ۔ یَہلی ایل جِس سے یَہلی ایلِیوں کا خاندان چلا۔

27 یہ بنی زبُولُون کے گھرانے ہیں ۔ اِن میں سے ساٹھ ہزار پانچ سَو آدمی گِنے گئے۔

28 اور یُوسف کے بیٹے جِن سے اُن کے خاندان چلے یہ ہیں یعنی منسّی اور افرائِیم۔

29 اور منسّی کا بیٹا مکِیر تھا جِس سے مکِیرِیوں کا خاندان چلا اور مکِیر سے جِلعاد پَیدا ہُؤا جِس سے جِلعادِیوں کا خاندان چلا۔

30 اور جِلعاد کے بیٹے یہ ہیں یعنی اِیعزر جِس سے اِیعزِریوں کا خاندان چلا اور خلق جِس سے خلقِیوں کا خاندان چلا۔

31 اور اَسری ایل جِس سے اَسری ایلِیوں کا خاندان چلا ۔ اور سِکم جِس سے سِکمِیوں کا خاندان چلا۔

32 اور سمِید ع جِس سے سمِیدعیوں کا خاندان چلا اور حِفر جِس سے حِفریوں کا خاندان چلا۔

33 اور حِفر کے بیٹے صلافحاد کے ہاں کوئی بیٹا نہیں بلکہ بیٹِیاں ہی ہُوئِیں اور صلافحاد کی بیٹِیوں کے نام یہ ہیں ۔ مَحلاہ اور نُوعاہ اور حُجلاہ اور مِلکاہ اور تِرضاہ۔

34 یہ بنی منسّی کے گھرانے ہیں ۔ اِن میں سے جو گِنے گئے وہ باون ہزار سات سَو تھے۔

35 اور افرائِیم کے بیٹے جِن سے اُن کے خاندان چلے یہ ہیں یعنی سُوتلَح جِس سے سُوتلَحِیوں کا خاندان چلا اور بکر جِس سے بکریوں کا خاندان چلا اور تحن جِس سے تحنیوں کا خاندان چلا۔

36 اورسُوتلَح کا بیٹا عِیرا ن تھا جِس سے عِیرانیوں کا خاندان چلا۔

37 یہ بنی افرائِیم کے گھرانے ہیں ۔ اِن میں سے جو گِنے گئے وہ بتِّیس ہزار پانچ سَو تھے ۔

یُوسف کے بیٹوں کے خاندان یِہی ہیں۔

38 اور بنیمِین کے بیٹے جِن سے اُن کے خاندان چلے یہ ہیں یعنی بلَع جِس سے بلَعِیوں کا خاندان چلا اور اَشبیل جِس سے اَشبیلِیوں کا خاندان چلا اور اَخِیرا م جِس سے اَخِیرامِیوں کا خاندان چلا۔

39 اورسُوفام جِس سے سُوفامِیوں کا خاندان چلا اور حُوفام جِس سے حُوفامِیوں کا خاندان چلا۔

40 بلَع کے دو بیٹے تھے ۔ ایک اَرد جِس سے اَردِیوں کا خاندان چلا ۔ دُوسرا نعما ن جِس سے نعمانِیوں کا خاندان چلا۔

41 یہ بنی بنیمِین کے گھرانے ہیں ۔ اِن میں سے جو گِنے گئے وہ پینتالِیس ہزار چھ سَو تھے۔

42 اور دان کا بیٹا جِس سے اُس کا خاندان چلا سُوحام تھا ۔ اُس سے سُوحامِیوں کا خاندان چلا ۔ دانیوں کا خاندان یِہی تھا۔

43 سُوحامِیوں کے خاندان کے جو آدمی گِنے گئے وہ چَونسٹھ ہزار چار سَو تھے۔

44 اور آشر کے بیٹے جِن سے اُن کے خاندان چلے یہ ہیں یعنی یِمنہ جِس سے یِمنِیوں کا خاندان چلا اور اِسوی جِس سے اِسوِیوں کا خاندان چلا اور برِیعا ہ جِس سے برِیعاہِیوں کا خاندان چلا۔

45 بنی برِیعاہ یہ ہیں یعنی حبر جِس سے حبریوں کا خاندان چلا اور مَلکی ایل جِس سے مَلکی ایلِیوں کا خاندان چلا۔

46 اور آشر کی بیٹی کا نام سار ہ تھا۔

47 یہ بنی آشرکے گھرانے ہیں اور جو اِن میں سے گِنے گئے وہ ترِپن ہزار چار سَو تھے۔

48 اور نفتا لی کے بیٹے جِن سے اُن کے خاندان چلے یہ ہیں یعنی یَحصی ایل جِس سے یَحصی ایلِیوں کا خاندان چلا اور جُونی جِس سے جُونیوں کا خاندان چلا۔

49 اور یصر جِس سے یصرِیوں کا خاندان چلا اور سِلیم جِس سے سِلیمِیوں کا خاندان چلا۔

50 یہ بنی نفتالی کے گھرانے ہیں اور جِتنے اِن میں سے گِنے گئے وہ پینتالِیس ہزار چار سَو تھے۔

51 سو بنی اِسرائیل میں سے جِتنے گِنے گئے وہ سب مِلا کر چھ لاکھ ایک ہزار سات سَو تِیس تھے۔

52 اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا۔

53 اِن ہی کو اِن کے ناموں کے شُمار کے مُوافِق وہ زمِین مِیراث کے طَور پر بانٹ دی جائے۔

54 جِس قبِیلہ میں زِیادہ آدمی ہوں اُسے زِیادہ حِصّہ مِلے اور جِس میں کم ہوں اُسے کم حِصّہ مِلے ۔ ہر قبِیلہ کی مِیراث اُس کے گِنے ہُوئے آدمِیوں کے شُمار پر موقُوف ہو۔

55 لیکن زمِین قُرعہ سے تقسِیم کی جائے ۔ وہ اپنے آبائی قبِیلوں کے ناموں کے مُطابِق مِیراث پائیں۔

56 اور خواہ زِیادہ آدمِیوں کا قبِیلہ ہو یا تھوڑوں کا قُرعہ سے اُن کی مِیراث تقسِیم کی جائے۔

57 اور جو لاوِیوں میں سے اپنے اپنے خاندان کے مُطابِق گِنے گئے وہ یہ ہیں یعنی جیرسَون سے جیرسَونِیوں کا گھرانا ۔ قہات سے قہاتیوں کا گھرانا ۔ مرار ی سے مراریوں کا گھرانا۔

58 اور یہ بھی لاوِیوں کے گھرانے ہیں یعنی لِبنی کا گھرانا حبرو ن کا گھرانا مَِحلی کا گھرانا اور مُوشی کا گھرانا اور قورح کا گھرانا اور قہات سے عَمرا م پَیدا ہُؤا۔

59 اور عَمرا م کی بیوی کا نام یُوکبِد تھا جو لاو ی کی بیٹی تھی اور مِصر میں لاوی کے ہاں پَیدا ہُوئی۔ اِسی کے ہارُون اور مُوسیٰ اور اُن کی بہن مریم عَمرا م سے پَیدا ہُوئے۔

60 اور ہارُون کے بیٹے یہ تھے ۔ ندب اور اَبِیہُو اور الِیعزر اور اِتمر۔

61 اور ندب اور اَبِیہُو تو اُسی وقت مَر گئے جب اُنہوں نے خُداوند کے حضُور اُوپری آگ گُذرانی تھی۔

62 سو اُن میں سے جِتنے ایک مہِینہ اور اُس سے اُوپر اُوپر کے نرِینہ فرزند گِنے گئے وہ تیئِیس ہزار تھے یہ بنی اِسرائیل کے ساتھ نہیں گِنے گئے کیونکہ اِن کو بنی اِسرائیل کے ساتھ مِیراث نہیں مِلی۔

63 سو مُوسیٰ اور الیِعزر کاہِن نے جِن بنی اِسرائیل کو موآب کے مَیدانوں میں جو یَرد ن کے کنارے کنارے یرِیحُو کے مُقابِل ہیں شُمار کِیا وہ یِہی ہیں۔

64 پر جِن اِسرائیلِیوں کو مُوسیٰ اور ہارُون کاہِن نے دشتِ سِینا میں گِنا تھا اُن میں سے ایک شخص بھی اِن میں نہ تھا۔

65 کیونکہ خُداوند نے اُن کے حق میں کہہ دِیا تھا کہ وہ یقیناً بیابان میں مَر جائیں گے ۔ چُنانچہ اُن میں سے سِوا یفُنّہ کے بیٹے کالِب اور نُون کے بیٹے یشُوع کے ایک بھی باقی نہیں بچا تھا۔

گِنتی 27

صلافحاد کی بیٹِیاں

1 تب یُوسف کے بیٹے منسّی کی اَولاد کے گھرانوں میں سے صلافحاد بِن حِفر بِن جِلعاد بِن مکِیر بِن منسّی کی بیٹِیاں جِن کے نام مَحلاہ اور نُوعاہ اور حُجلاہ اور مِلکاہ اور تِرضاہ ہیں پاس آکر۔

2 خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر مُوسیٰ اور الیِعزر کاہِن اور امِیروں اور سب جماعت کے سامنے کھڑی ہُوئِیں اور کہنے لگِیں کہ۔

3 ہمارا باپ بیابان میں مَرا پر وہ اُن لوگوں میں شامِل نہ تھا جِنہوں نے قورَح کے فرِیق سے مِل کر خُداوند کے خِلاف سر اُٹھایا تھا بلکہ وہ اپنے گُناہ میں مَرا اور اُس کے کوئی بیٹا نہ تھا۔

4 سو بیٹا نہ ہونے کے سبب سے ہمارے باپ کا نام اُس کے گھرانے سے کیوں مِٹنے پائے؟ اِس لِئے ہم کو بھی ہمارے باپ کے بھائِیوں کے ساتھ حِصّہ دو۔

5 مُوسیٰ اُن کے مُعاملہ کو خُداوند کے حضُور لے گیا۔

6 خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا۔

7 صلافحاد کی بیٹِیاں ٹِھیک کہتی ہیں ۔ تُو اُن کو اُن کے باپ کے بھائِیوں کے ساتھ ضرُور ہی مِیراث کا حِصّہ دینا یعنی اُن کو اُن کے باپ کی مِیراث مِلے۔

8 اور بنی اِسرائیل سے کہہ کہ اگر کوئی شخص مَر جائے اور اُس کا کوئی بیٹا نہ ہو تو اُس کی مِیراث اُس کی بیٹی کو دینا۔

9 اگر اُس کی کوئی بیٹی بھی نہ ہو تو اُس کے بھائِیوں کو اُس کی مِیراث دینا۔

10 اگر اُس کے بھائی بھی نہ ہوں تو تُم اُس کی مِیراث اُس کے باپ کے بھائِیوں کو دینا۔

11 اگر اُس کے باپ کا بھی کوئی بھائی نہ ہو تو جو شخص اُس کے گھرانے میں اُس کا سب سے قرِیبی رِشتہ دار ہو اُسے اُس کی مِیراث دینا ۔ وہ اُس کا وارِث ہو گا اور یہ حُکم بنی اِسرائیل کے لِئے جَیسا خُداوند نے مُوسیٰ کو فرمایاواجِبی فرض ہو گا۔

یشُوع مُوسیٰ کا جانشِین چُنا جاتا ہے

12 پِھر خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا تُو عبارِیم کے اِس پہاڑ پر چڑھ کر اُس مُلک کو جو مَیں نے بنی اِسرائیل کو عِنایت کِیا ہے دیکھ لے۔

13 اور جب تُو اُسے دیکھ لے گا تو تُو بھی اپنے لوگوں میں اپنے بھائی ہارُون کی طرح جا ملے گا۔

14 کیونکہ دشتِ صِین میں جب جماعت نے مُجھ سے جھگڑا کِیا تو برعکس اِس کے کہ وہاں پانی کے چشمہ پر تُم دونوں اُن کی آنکھوں کے سامنے میری تقدِیس کرتے تُم نے میرے حُکم سے سرکشی کی ۔ یہ وُہی مریبہ کا چشمہ ہے جو دشتِ صِین کے قادِس میں ہے۔

15 مُوسیٰ نے خُداوند سے کہا کہ۔

16 خُداوند سارے بشر کی رُوحوں کا خُدا کِسی آدمی کو اِس جماعت پر مُقرّر کرے۔

17 جِس کی آمد و رفت اُن کے رُوبرُو ہو اوروہ اُن کو باہر لے جانے اور اندر لے آنے میں اُن کا راہبرہو تاکہ خُداوند کی جماعت اُن بھیڑوں کی مانِند نہ رہے جِن کا کوئی چرواہا نہیں۔

18 خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا تُو نُون کے بیٹے یشُوع کو لے کر اُس پر اپنا ہاتھ رکھ کیونکہ اُس شخص میں رُوح ہے۔

19 اور اُسے الیِعزر کاہِن اور ساری جماعت کے آگے کھڑا کر کے اُن کی آنکھوں کے سامنے اُسے وصِیّت کر۔

20 اور اپنے رُعب داب سے اُسے بہرہ ور کر دے تاکہ بنی اِسرائیل کی ساری جماعت اُس کی فرمانبرداری کرے۔

21 وہ الِیعزر کاہِن کے آگے کھڑا ہُؤا کرے جو اُس کی جانِب سے خُداوند کے حضُور اُورِیم کا حُکم دریافت کِیا کرے گا ۔ اُسی کے کہنے سے وہ اور بنی اِسرائیل کی ساری جماعت کے لوگ نِکلا کریں اور اُسی کے کہنے سے لَوٹا بھی کریں۔

22 سو مُوسیٰ نے خُداوند کے حُکم کے مُطابِق عمل کِیا اور اُس نے یشُوع کو لے کر اُسے الِیعزر کاہِن اور ساری جماعت کے سامنے کھڑا کِیا۔

23 اور اُس نے اپنے ہاتھ اُس پر رکھّے اور جَیسا خُداوند نے اُس کو حُکم دِیا تھا اُسے وصِیّت کی۔

گِنتی 28

ضرُوری قُربانیاں

1 اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ۔

2 بنی اِسرائیل سے کہہ کہ میرا چڑھاوا یعنی میری وہ غِذا جو راحت انگیز خُوشبُو کی آتِشِین قُربانی ہے تُم یاد کر کے میرے حضُور وقتِ مُعیّن پر گُذرانا کرنا۔

3 تُواُن سے کہہ دے کہ جو آتِشِین قُربانی تُم کو خُداوند کے حضُور گُذراننا ہے وہ یہ ہے کہ دو بے عَیب یکسالہ نر برّے ہر روز دائِمی سوختنی قُربانی کے لِئے چڑھایا کرو۔

4 ایک برّہ صُبح اور دُوسرا برّہ شام کو چڑھانا۔

5 اور ساتھ ہی اَیفہ کے دسویں حِصّہ کے برابر مَیدہ جِس میں کُوٹ کر نِکالا ہُؤا تیل چَوتھائی ہِین کے برابر مِلا ہو نذر کی قُربانی کے طَور پر گُذراننا۔

6 یہ وُہی دائِمی سوختنی قُربانی ہے جو کوہِ سِینا پر مُقرّر کی گئی تاکہ خُداوند کے حضُور راحت انگیز خُوشبُو کی آتِشِین قُربانی ٹھہرے۔

7 اور ہِین کی چَوتھائی کے برابر مَے فی بر ّہ تپاون کے لِئے لانا ۔ مَقدِس ہی میں خُداوند کے حضُور مَے کا یہ تپاون چڑھانا۔

8 اور دُوسرے برّہ کو شام کے وقت چڑھانا اور اُس کے ساتھ بھی صُبح کی طرح وَیسی ہی نذر کی قُربانی اور تپاون ہو تاکہ یہ خُداوند کے حضُور راحت انگیز خُوشبُو کی آتِشِین قُربانی ٹھہرے۔

سبت کی قُربانی

9 اور سبت کے روز دو بے عَیب یکسالہ نر برّ ے اور نذر کی قُربانی کے طَور پر اَیفہ کے پانچویں حِصّہ کے برابر مَیدہ جِس میں تیل مِلا ہو تپاون کے ساتھ گُذراننا۔

10 دائِمی سوختنی قُربانی اور اُس کے تپاون کے علاوہ یہ ہر سبت کی سوختنی قُربانی ہے۔

مہِینہ کے پہلے دِن کی قُربانی

11 اور اپنے مہِینوں کے شرُوع میں ہر ماہ دو بچھڑے اور ایک مینڈھا اور سات بے عَیب یکسالہ نر برّے سوختنی قُربانی کے طَور پر خُداوند کے حضُور چڑھایا کرنا۔

12 اور اَیفہ کے تِین دہائی حِصّہ کے برابر مَیدہ جِس میں تیل مِلا ہو ہر بچھڑے کے ساتھ اور اَیفہ کے پانچویں حِصّہ کے برابر مَیدہ جِس میں تیل مِلا ہو ہر مینڈھے کے ساتھ اور اَیفہ کے دسویں حِصّہ کے برابر مَیدہ جِس میں تیل مِلا ہو۔

13 ہر برّہ کے ساتھ نذر کی قُربانی کے طَور پر لانا تاکہ یہ راحت انگیز خُوشبُو کی سوختنی قُربانی یعنی خُداوند کے حضُور آتِشِین قُربانی ٹھہرے۔

14 اور اِن کے ساتھ تپاون کے لِئے مَے فی بچھڑا نِصف ہِین کے برابر اور فی مینڈھا تِہائی ہِین کے برابر اور فی بر ّہ چَوتھائی ہِین کے برابر ہو ۔ یہ سال بھر کے ہر مہِینے کی سوختنی قُربانی ہے۔

15 اور اُس دائِمی سوختنی قُربانی اور اُس کے تپاون کے علاوہ ایک بکرا خطا کی قُربانی کے طَور پر خُداوند کے حضُور گُذرانا جائے۔

بے خمِیری روٹی کی عِید کی قُربانیاں

16 اور پہلے مہِینے کی چودھوِیں تارِیخ کو خُداوند کی فَسح ہُؤا کرے۔

17 اور اُسی مہِینے کی پندرھوِیں تارِیخ کو عِید ہو اور سات دِن تک بے خمِیری روٹی کھائی جائے۔

18 پہلے روز لوگوں کا مُقدّس مجمع ہو ۔ تُم اُس دِن کوئی خادِمانہ کام نہ کرنا۔

19 بلکہ تُم آتِشِین قُربانی یعنی خُداوند کے حضُورسوختنی قُربانی کے طَور پر دو بچھڑے اور ایک مینڈھا اور سات یکسالہ نر برّے چڑھانا ۔ یہ سب کے سب بے عَیب ہوں۔

20 اور اُن کے ساتھ نذر کی قُربانی کے طَور پر تیل مِلا ہُؤا مَیدہ فی بچھڑا اَیفہ کے تِین دہائی حِصّہ کے برابر اور فی مینڈھا پانچویں حِصّہ کے برابر۔

21 اور ساتوں برّ وں میں سے ہر برّہ پِیچھے اَیفہ کے دسویں حِصّہ کے برابر گُذرانا کرنا۔

22 اور خطا کی قُربانی کے لِئے ایک بکرا ہو تاکہ اُس سے تُمہارے لِئے کفّارہ دِیا جائے۔

23 تُم صُبح کی سوختنی قُربانی کے علاوہ جو دائِمی سوختنی قُربانی ہے اِن کو بھی گُذراننا۔

24 اِسی طرح تُم ہر روز سات دِن تک آتِشِین قُربانی کی یہ غِذا چڑھانا تاکہ وہ خُداوند کے حضُور راحت انگیز خُوشبُو ٹھہرے ۔ روزمرّہ کی دائِمی سوختنی قُربانی اور تپاون کے علاوہ یہ بھی گُذرانا جائے۔

25 اور ساتویں دِن پِھر تُمہارا مُقدّس مجمع ہو ۔ اُس میں کوئی خادِمانہ کام نہ کرنا۔

فصل کاٹنے کی عِید کی قُربانیاں

26 اور پہلے پَھلوں کے دِن جب تُم نئی نذر کی قُربانی ہفتوں کی عِید میں خُداوند کے حضُور گُذرانو تب بھی تُمہارا مُقدّس مجمع ہو ۔ اُس روز کوئی خادِمانہ کام نہ کرنا۔

27 بلکہ تُم سوختنی قُربانی کے طَور پر دو بچھڑے ایک مینڈھا اور سات یکسالہ نر بّرے گُذراننا تاکہ یہ خُداوند کے حضُور راحت انگیز خُوشبُو ہو۔

28 اور اِن کے ساتھ نذر کی قُربانی کے طَور پر تیل مِلا ہُؤا مَیدہ فی بچھڑا اَیفہ کے تِین دہائی حِصّہ کے برابر اور فی مینڈھا پانچویں حِصّہ کے برابر۔

29 اور ساتوں برّوں میں سے ہر برّہ پِیچھے اَیفہ کے دسویں حِصّہ کے برابر ہو۔

30 اور ایک بکرا ہو تا کہ تُمہارے لِئے کفّارہ دِیا جائے۔

31 دائِمی سوختنی قُربانی اور اُس کی نذر کی قُربانی کے علاوہ تُم اِن کو بھی گُذراننا ۔ یہ سب بے عَیب ہوں اور اِن کے تپاون ساتھ ہوں۔

گِنتی 29

نئے سال کی عِید کی قُربانیاں

1 اور ساتویں مہِینے کی پہلی تارِیخ کو تُمہارا مُقدّس مجمع ہو ۔ اُس میں کوئی خادِمانہ کام نہ کرنا ۔ یہ تُمہارے لِئے نرسِنگے پُھونکنے کا دِن ہے۔

2 تُم سوختنی قُربانی کے طَور پر ایک بچھڑا ایک مینڈھا اور سات بے عَیب یکسالہ نر برّے چڑھانا تاکہ یہ خُداوند کے حضُور راحت انگیز خُوشبُو ٹھہرے۔

3 اور اِن کے ساتھ نذر کی قُربانی کے طَور پر تیل مِلا ہُؤا مَیدہ فی بچھڑا اَیفہ کے تِین دہائی حِصّہ کے برابر اور فی مینڈھا پانچویں حِصّہ کے برابر۔

4 اور ساتوں برّوں میں سے ہر برّہ پیچھے اَیفہ کے دسویں حِصّہ کے برابر ہو۔

5 اور ایک بکرا خطا کی قُربانی کے لِئے ہو تاکہ تُمہارے واسطے کفّارہ دِیا جائے۔

6 نئے چاند کی سوختنی قُربانی اور اُس کی نذر کی قُربانی اور دائِمی سوختنی قُربانی اور اُس کی نذر کی قُربانی اور اُن کے تپاونوں کے علاوہ جو اپنے اپنے آئِین کے مُطابِق گُذرانے جائیں گے یہ بھی راحت انگیز خُوشبُو کی آتِشِین قُربانی کے طَور پر خُداوند کے حضُور چڑھائے جائیں۔

یومِ کفّارہ کی قُربانیاں

7 پِھر اُسی ساتویں مہِینے کی دسوِیں تارِیخ کو تُمہارا مُقدّس مجمع ہو ۔ تُم اپنی اپنی جان کو دُکھ دینا اور کِسی طرح کا کام نہ کرنا۔

8 بلکہ سوختنی قُربانی کے طَور پر ایک بچھڑا ایک مینڈھا اور سات یکسالہ نر برّے خُداوند کے حضُور چڑھانا تاکہ یہ راحت انگیز خُوشبُو ٹھہرے یہ سب کے سب بے عَیب ہوں۔

9 اور اِن کے ساتھ نذر کی قُربانی کے طَور پر تیل مِلا ہُؤا مَیدہ فی بچھڑا اَیفہ کے تِین دہائی حِصّہ کے برابر اور فی مینڈھا پانچویں حِصّہ کے برابر۔

10 اور ساتوں برّوں میں سے ہر برّہ پِیچھے اَیفہ کے دسویں حِصّہ کے برابر ہو۔

11 اور خطا کی قُربانی کے لِئے ایک بکرا ہو ۔ یہ بھی اُس خطا کی قُربانی کے علاوہ جو کفّارہ کے لِئے ہے اور دائِمی سوختنی قُربانی اور اُس کی نذر کی قُربانی اور تپاونوں کے علاوہ چڑھائے جائیں۔

عِید ِ خیام (جَھونپڑوں کی عِید) کی قُربانیاں

12 اور ساتویں مہِینے کی پندرھویں تارِیخ کو پِھر تُمہارا مُقدّس مجمع ہو ۔ اُس دِن تُم کوئی خادِمانہ کام نہ کرنا اور سات دِن تک خُداوند کی خاطِر عِید منانا۔

13 اور تُم سوختنی قُربانی کے طَور پر تیرہ بچھڑے دو مینڈھے اور چَودہ یکسالہ نر برّے چڑھانا تاکہ یہ راحت انگیز خُوشبُو کی آتِشِین قُربانی ٹھہرے ۔ یہ سب کے سب بے عَیب ہوں۔

14 اور اِن کے ساتھ نذر کی قُربانی کے طَور پر تیرہ بچھڑوں میں سے ہر بچھڑے پِیچھے تیل مِلا ہُؤا مَیدہ اَیفہ کے تِین دہائی حِصّہ کے برابر اور دونوں مینڈھوں میں سے ہر مینڈھے پِیچھے پانچویں حِصّہ کے برابر۔

15 اور چَودہ برّوں میں سے ہر برّہ پِیچھے اَیفہ کے دسویں حِصّہ کے برابر ہو۔

16 اور ایک بکرا خطا کی قُربانی کے لِئے ہو ۔ یہ سب دائِمی سوختنی قُربانی اور اُس کی نذر کی قُربانی اور تپاون کے علاوہ چڑھائے جائیں۔

17 اور دُوسرے دِن بارہ بچھڑے دو مینڈھے اور چَودہ بے عَیب یکسالہ نر برّے چڑھانا۔

18 اور بچھڑوں اور مینڈھوں اور برّوں کے ساتھ اُن کے شُمار اور آئِین کے مُطابِق اُن کی نذر کی قُربانی اور تپاون ہوں۔

19 اور ایک بکرا خطا کی قُربانی کے لِئے ہو ۔ یہ سب دائِمی سوختنی قُربانی اور اُس کی نذر کی قُربانی اور تپاونوں کے علاوہ چڑھائے جائیں۔

20 اور تِیسرے دِن گیارہ بچھڑے دو مینڈھے اور چَودہ یکسالہ بے عَیب نر برّے ہوں۔

21 اور بچھڑوں اور مینڈھوں اور برّوں کے ساتھ اُن کے شُمار اور آئِین کے مُطابِق اُن کی نذر کی قُربانی اور تپاون ہوں۔

22 اور ایک بکرا خطا کی قُربانی کے لِئے ہو ۔ یہ سب دائِمی سوختنی قُربانی اور اُس کی نذر کی قُربانی اور تپاون کے علاوہ چڑھائے جائیں۔

23 اور چَوتھے دِن دس بچھڑے دو مینڈھے اور چَودہ یکسالہ بے عَیب نر برّے ہوں۔

24 اور بچھڑوں اور مینڈھوں اور برّوں کے ساتھ اُن کے شُمار اور آئِین کے مُطابِق اُن کی نذر کی قُربانی اور تپاون ہوں۔

25 اور ایک بکرا خطا کی قُربانی کے لِئے ہو ۔ یہ سب دائمی سوختنی قُربانی اور اُس کی نذر کی قُربانی اور تپاون کے علاوہ چڑھائے جائیں۔

26 اور پانچویں دِن نَو بچھڑے دو مینڈھے اور چَودہ یکسالہ بے عَیب نر برّے ہوں۔

27 اور بچھڑوں اور مینڈھوں اور برّوں کے ساتھ اُن کے شُمار اور آئِین کے مُطابِق اُن کی نذر کی قُربانی اور تپاون ہوں۔

28 اور ایک بکرا خطا کی قُربانی کے لِئے ہو ۔ یہ سب دائِمی سوختنی قُربانی اور اُس کی نذر کی قُربانی اور تپاون کے علاوہ چڑھائے جائیں۔

29 اور چھٹے دِن آٹھ بچھڑے دو مینڈھے اور چَودہ یکسالہ بے عَیب نر برّے ہوں۔

30 اور بچھڑوں اور مینڈھوں اور برّوں کے ساتھ اُن کے شُمار اور آئِین کے مُطابِق اُن کی نذر کی قُربانی اور تپاون ہوں۔

31 اور ایک بکرا خطا کی قُربانی کے لِئے ہو ۔ یہ سب دائِمی سوختنی قُربانی اور اُس کی نذر کی قُربانی اور تپاون کے علاوہ چڑھائے جائیں۔

32 اور ساتویں دِن سات بچھڑے دو مینڈھے اور چَودہ یکسالہ بے عَیب نر برّے ہوں۔

33 اور بچھڑوں اور مینڈھوں اور برّوں کے ساتھ اُن کے شُمار اور آئِین کے مُطابِق اُن کی نذر کی قُربانی اور تپاون ہوں۔

34 اور ایک بکرا خطا کی قُربانی کے لِئے ہو ۔ یہ سب دائِمی سوختنی قُربانی اور اُس کی نذر کی قُربانی اور تپاون کے علاوہ چڑھائے جائیں۔

35 اور آٹھویں دِن تُمہارا مُقدّس مجمع ہو ۔ تُم اُس دِن کوئی خادِمانہ کام نہ کرنا۔

36 بلکہ تُم ایک بچھڑا ایک مینڈھا اور سات یکسالہ بے عَیب نر برّے سوختنی قُربانی کے طَور پر چڑھانا تاکہ وہ خُداوند کے حضُور راحت انگیز خُوشبُو کی آتِشِین قُربانی ٹھہرے۔

37 اور بچھڑے اور مینڈھے اور برّوں کے ساتھ اُن کے شُمار اور آئِین کے مُطابِق اُن کی نذر کی قُربانی اور تپاون ہوں۔

38 اور ایک بکرا خطا کی قُربانی کے لِئے ہو۔ یہ سب دائِمی سوختنی قُربانی اور اُس کی نذر کی قُربانی اور تپاون کے علاوہ چڑھائے جائیں۔

39 تُم اپنی مُقرّرہ عِیدوں میں اپنی مَنّتوں اور رضا کی قُربانیوں کے علاوہ یِہی سوختنی قُربانیاں اور نذر کی قُربانیاں اور تپاون اور سلامتی کی قُربانیاں گُذراننا۔

40 اور جو کُچھ خُداوند نے مُوسیٰ کو حُکم دِیا وہ سب مُوسیٰ نے بنی اِسرائیل کو بتا دِیا۔

گِنتی 30

مَنتّوں کے قوانِین

1 اور مُوسیٰ نے بنی اِسرائیل کے قبِیلوں کے سرداروں سے کہا کہ جِس بات کا خُداوند نے حُکم دِیا ہے وہ یہ ہے کہ۔

2 جب کوئی مَرد خُداوند کی مَنّت مانے یا قَسم کھا کر اپنے اُوپر کوئی خاص فرض ٹھہرائے تو وہ اپنے عہد کو نہ توڑے بلکہ جو کُچھ اُس کے مُنہ سے نِکلا ہے اُسے پُورا کرے۔

3 اور اگر کوئی عَورت خُداوند کی مَنّت مانے اور اپنی نَوجوانی کے دِنوں میں اپنے باپ کے گھر ہوتے ہُوئے اپنے اُوپر کوئی فرض ٹھہرائے۔

4 اور اُس کا باپ اُس کی مَنّت اور اُس کے فرض کا حال جو اُس نے اپنے اُوپر ٹھہرایا ہے سُن کر چُپ ہو رہے تو وہ سب مَنّتیں اور سب فرض جو اُس عَورت نے اپنے اُوپر ٹھہرائے ہیں قائِم رہیں گے۔

5 لیکن اگر اُس کا باپ جِس دِن یہ سُنے اُسی دِن اُسے منع کرے تو اُس کی کوئی مَنّت یا کوئی فرض جو اُس نے اپنے اُوپر ٹھہرایا ہے قائِم نہیں رہے گا اور خُداوند اُس عَورت کو معذُور رکھّے گا کیونکہ اُس کے باپ نے اُسے اِجازت نہیں دی۔

6 اور اگر کِسی آدمی سے اُس کی نِسبت ہو جائے حالانکہ اُس کی مَنّتیں یا مُنہ کی نِکلی ہُوئی بات جو اُس نے اپنے اُوپر فرض ٹھہرائی ہے اب تک پُوری نہ ہُوئی ہو۔

7 اور اُس کا آدمی یہ حال سُن کر اُس دِن اُس سے کُچھ نہ کہے تو اُس کی مَنّتیں قائِم رہیں گی اور جو باتیں اُس نے اپنے اُوپر فرض ٹھہرائی ہیں وہ بھی قائِم رہیں گی۔

8 لیکن اگر اُس کا آدمی جِس دِن یہ سب سُنے اُسی دِن اُسے منع کرے تو اُس نے گویا اُس عَورت کی مَنّت کو اور اُس کے مُنہ کی نِکلی ہُوئی بات کو جو اُس نے اپنے اُوپر فرض ٹھہرائی تھی توڑ دِیا اور خُداوند اُس عَورت کو معذُور رکھّے گا۔

9 پر بیوہ اور مُطلّقہ کی مَنّتیں اور فرض ٹھہرائی ہُوئی باتیں قائِم رہیں گی۔

10 اور اگر اُس نے اپنے شَوہر کے گھر ہوتے ہُوئے کُچھ مَنّت مانی یا قَسم کھا کر اپنے اُوپر کوئی فرض ٹھہرایا ہو۔

11 اور اُس کا شَوہر یہ حال سُن کر خاموش رہا ہو اور اُسے منع نہ کِیا ہو تو اُس کی مَنّتیں اور سب فرض جو اُس نے اپنے اُوپر ٹھہرائے قائِم رہیں گے۔

12 پر اگر اُس کے شَوہر نے جِس دِن یہ سب سُنا اُسی دِن اُسے باطِل ٹھہرایا ہو تو جو کُچھ اُس عَورت کے مُنہ سے اُس کی مَنّتوں اور ٹھہرائے ہُوئے فرض کے بارے میں نِکلا ہے وہ قائِم نہیں رہے گا ۔ اُس کے شَوہر نے اُن کو توڑ ڈالا ہے اور خُداوند اُس عَورت کو معذُور رکھّے گا۔

13 اُس کی ہر مَنّت کو اور اپنی جان کو دُکھ دینے کی ہر قَسم کو اُس کا شَوہر چاہے تو قائِم رکھّے یا اگر چاہے تو باطِل ٹھہرائے۔

14 پر اگر اُس کا شَوہر روز بروز خاموش ہی رہے تو وہ گویا اُس کی سب مَنّتوں اور ٹھہرائے ہُوئے فرضوں کو قائِم کر دیتا ہے ۔ اُس نے اُن کو قائِم یُوں کِیا کہ جِس دِن سے سب سُنا وہ خاموش ہی رہا۔

15 پر اگر وہ اُن کو سُن کر بعد میں اُن کو باطِل ٹھہرائے تو وہ اُس عَورت کا گُناہ اُٹھائے گا۔

16 شَوہر اور بِیوی کے درمیان اور باپ بیٹی کے درمِیان جب بیٹی نَوجوانی کے ایّام میں باپ کے گھر ہو اِن ہی آئِین کا حُکم خُداوند نے مُوسیٰ کو دِیا۔

گِنتی 31

مِدیان کے خِلاف مُقدّس جنگ

1 پِھر خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا۔

2 مِدیانِیوں سے بنی اِسرائیل کا اِنتِقام لے ۔ اِس کے بعد تُو اپنے لوگوں میں جا مِلے گا۔

3 تب مُوسیٰ نے لوگوں سے کہا اپنے میں سے جنگ کے لِئے آدمِیوں کو مُسلّح کرو تاکہ وہ مِدیانِیوں پر حملہ کریں اور مِدیانِیوں سے خُداوند کا اِنتِقام لیں۔

4 اور اِسرا ئیل کے سب قبِیلوں میں سے فی قبِیلہ ایک ہزار آدمی لے کر جنگ کے لِئے بھیجنا۔

5 سو ہزاروں ہزار بنی اِسرائیل میں سے فی قبِیلہ ایک ہزار کے حِساب سے بارہ ہزار مُسلّح آدمی جنگ کے لِئے چُنے گئے۔

6 یُوں مُوسیٰ نے ہر قبِیلہ سے ایک ہزار آدمِیوں کو جنگ کے لِئے بھیجا اور الِیعزر کاہِن کے بیٹے فِینحا س کو بھی جنگ پر روانہ کِیا اور مَقدِس کے ظُروف اور بُلند آواز کے نرسِنگے اُس کے ساتھ کر دِئے۔

7 اور جَیسا خُداوند نے مُوسیٰ کو حُکم دِیا تھا اُس کے مُطابِق اُنہوں نے مِدیانِیوں سے جنگ کی اور سب مَردوں کو قتل کِیا۔

8 اور اُنہوں نے اُن مقتُولوں کے سِوا عوّی اور رقم اور صُور اور حور اور ربع کو بھی جو مِدیان کے پانچ بادشاہ تھے جان سے مارا اور بعور کے بیٹے بلعا م کو بھی تلوار سے قتل کِیا۔

9 اور بنی اِسرائیل نے مِدیا ن کی عَورتوں اور اُن کے بچّوں کو اسِیرکِیا اور اُن کے چَوپائے اور بھیڑ بکرِیاں اور مال و اسباب سب کُچھ لُوٹ لِیا۔

10 اور اُن کی سکُونت گاہوں کے سب شہروں کو جِن میں وہ رہتے تھے اور اُن کی سب چھاؤنیوں کو آگ سے پُھونک دِیا۔

11 اور اُنہوں نے سارا مالِ غنِیمت اور سب اسِیر کیا اِنسان اور کیا حَیوان ساتھ لِئے۔

12 اور اُن اسِیروں اور مالِ غنِیمت کو مُوسیٰ اور الیِعزر کاہِن اور بنی اِسرائیل کی ساری جماعت کے پاس اُس لشکرگاہ میں لے آئے جو یِریحُو کے مُقابِل یَردن کے کنارے کنارے موآب کے مَیدانوں میں تھی۔

لشکر کی واپسی

13 تب مُوسیٰ اور الیِعزر کاہِن اور جماعت کے سب سردار اُن کے اِستِقبال کے لِئے لشکرگاہ کے باہر گئے۔

14 اور مُوسیٰ اُن فوجی سرداروں پر جو ہزاروں اور سَیکڑوں کے سردار تھے اور جنگ سے لَوٹے تھے جھلاّیا۔

15 اور اُن سے کہنے لگا کیا تُم نے سب عَورتیں جِیتی بچا رکھّی ہیں؟۔

16 دیکھو اِن ہی نے بلعا م کی صلاح سے فغُور کے مُعاملہ میں بنی اِسرائیل سے خُداوند کی حُکم عدُولی کرائی اور یُوں خُداوند کی جماعت میں وبا پَھیلی۔

17 اِس لِئے اِن بچّوں میں جِتنے لڑکے ہیں سب کو مار ڈالو اور جِتنی عَورتیں مَرد کا مُنہ دیکھ چُکی ہیں اُن کو قتل کر ڈالو۔

18 لیکن اُن لڑکِیوں کو جو مَرد سے واقِف نہیں اور اچُھوتی ہیں اپنے لِئے زِندہ رکھّو۔

19 اور تُم سات دِن تک لشکرگاہ کے باہر ہی ڈیرے ڈالے پڑے رہو اور تُم میں سے جِتنوں نے کِسی آدمی کو جان سے مارا ہو اور جِتنوں نے کِسی مقتُول کو چُھؤا ہو وہ سب اپنے آپ کو اور اپنے قَیدیوں کو تِیسرے دِن اور ساتویں دِن پاک کریں۔

20 تُم اپنے سب کپڑوں اور چمڑے کی سب چِیزوں کو اور بکری کے بالوں کی بُنی ہُوئی چِیزوں کو اور لکڑی کے سب برتنوں کو پاک کرنا۔

21 اور الِیعزر کاہِن نے اُن سِپاہِیوں سے جو جنگ پر گئے تھے کہا کہ شرِیعت کا وہ آئِین جِس کا حُکم خُداوند نے مُوسیٰ کو دِیا یِہی ہے کہ۔

22 سونا اور چاندی اور پِیتل اور لوہا اور رانگا اور سِیسا۔

23 غرض جو کُچھ آگ میں ٹھہر سکے وہ سب تُم آگ میں ڈالنا ۔ تب وہ صاف ہو گا تَو بھی ناپاکی دُور کرنے کے پانی سے اُسے پاک کرنا پڑے گا اور جو کُچھ آگ میں نہ ٹھہر سکے اُسے تُم پانی میں ڈالنا۔

24 اور تُم ساتویں دِن اپنے کپڑے دھونا تب تُم پاک ٹھہرو گے ۔ اِس کے بعد لشکرگاہ میں داخِل ہونا۔

مالِ غنِیمت کی تقسِیم

25 اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ۔

26 الیِعزر کاہِن اور جماعت کے آبائی خاندانوں کے سرداروں کو ساتھ لے کر تُو اُن آدمِیوں اور جانوروں کو شُمار کر جو لُوٹ میں آئے ہیں۔

27 اور لُوٹ کے اِس مال کو دو حِصّوں میں تقسِیم کر کے ایک حِصّہ اُن جنگی مَردوں کو دے جو لڑائی میں گئے تھے اور دُوسرا حِصّہ جماعت کو دے۔

28 اور اُن جنگی مَردوں سے جو لڑائی میں گئے تھے خُداوند کے لِئے خواہ آدمی ہوں یا گائے بَیل یا گدھے یا بھیڑ بکرِیاں ہر پانچ سَو پِیچھے ایک کو حِصّہ کے طَور پر لے۔

29 اِن ہی کے نِصف میں سے اِس حِصّہ کو لے کر الیِعزر کاہِن کو دینا تاکہ یہ خُداوند کے حضُور اُٹھانے کی قُربانی ٹھہرے۔

30 اور بنی اِسرائیل کے نِصف میں سے خواہ آدمی ہوں یا گائے بَیل یا گدھے یا بھیڑ بکریاں یعنی سب قِسم کے چَوپایوں میں سے پچاس پچاس پیچھے ایک ایک کو لے کر لاوِیوں کو دینا جو خُداوند کے مسکن کی مُحافظت کرتے ہیں۔

31 چُنانچہ مُوسیٰ اور الِیعزر کاہِن نے جَیسا خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا تھا وَیسا ہی کِیا۔

32 اور جو کُچھ مالِ غنِیمت جنگی مَردوں کے ہاتھ آیا تھا اُسے چھوڑ کر لُوٹ کے مال میں چھ لاکھ پچھتّر ہزار بھیڑ بکرِیاں تِھیں۔

33 اور بہتّر ہزار گائے بَیل۔

34 اور اِکسٹھ ہزار گدھے۔

35 اور نُفُوسِ اِنسانی میں سے بتِّیس ہزار اَیسی عَورتیں جو مَرد سے ناواقِف اور اچُھوتی تِھیں۔

36 اور لُوٹ کے مال کے اُس نِصف میں جو جنگی مَردوں کا حِصّہ تھا تِین لاکھ سَینتِیس ہزار پانچ سَو بھیڑ بکرِیاں تِھیں۔

37 جِن میں سے چھ سَو پچھتّر بھیڑ بکرِیاں خُداوند کے حِصّہ کے لِئے تِھیں۔

38 اور چھتِّیس ہزار گائے بَیل تھے جِن میں سے بہتّر خُداوند کے حِصّہ کے تھے۔

39 اور تِیس ہزار پانچ سَو گدھے تھے جِن میں سے اِکسٹھ گدھے خُداوند کے حِصّہ کے تھے۔

40 اور نُفُوسِ اِنسانی کا شُمار سولہ ہزار تھا جِن میں سے بتِّیس جانیں خُداوند کے حِصّہ کی تِھیں۔

41 سو مُوسیٰ نے خُداوند کے حُکم کے مُوافِق اُس حِصّہ کو جو خُداوند کی اُٹھانے کی قُربانی تھی الیِعزر کاہِن کو دِیا۔

42 اب رہا بنی اِسرائیل کا نِصف حِصّہ جِسے مُوسیٰ نے جنگی مَردوں کے حِصّہ سے الگ رکھّا تھا۔

43 سو اِس نِصف میں بھی جو جماعت کو دِیا گیا تِین لاکھ سَینتِیس ہزار پانچ سَو بھیڑ بکرِیاں تِھیں۔

44 اور چھتِّیس ہزارگائے بَیل۔

45 اور تِیس ہزار پانچ سَو گدھے۔

46 اور سولہ ہزار نُفُوسِ اِنسانی۔

47 اور بنی اِسرائیل کے اِس نِصف میں سے مُوسیٰ نے خُداوند کے حُکم کے مُوافِق کِیا اِنسان اور کیا حَیوان ہر پچاس پِیچھے ایک کو لے کر لاوِیوں کو دِیا جو خُداوند کے مسکن کی مُحافظت کرتے تھے۔

48 تب وہ فوجی سردار جو ہزاروں اور سَیکڑوں سِپاہِیوں کے سردار تھے مُوسیٰ کے پاس آکر۔

49 اُس سے کہنے لگے کہ تیرے خادِموں نے اُن سب جنگی مَردوں کو جو ہمارے ماتحت ہیں گِنا اور اُن میں سے ایک جوان بھی کم نہ ہُؤا۔

50 سو ہم میں سے جو کُچھ جِس کے ہاتھ لگا یعنی سونے کے زیور اور پازیب اور کنگن اور انگُوٹِھیاں اور مُندرے اور بازُوبند یہ سب ہم خُداوند کے ہدیہ کے طَور پر لے آئے ہیں تاکہ ہماری جانوں کے لِئے خُداوند کے حضُور کفّارہ دِیا جائے۔

51 چُنانچہ مُوسیٰ اور الِیعزر کاہِن نے اُن سے یہ سب سونے کے گھڑے ہُوئے زیور لے لِئے۔

52 اور اُس ہدیہ کا سارا سونا جو ہزاروں اور سَیکڑوں کے سرداروں نے خُداوند کے حضُور گُذرانا وہ سولہ ہزار سات سَو پچاس مِثقال تھا۔

53 کیونکہ جنگی مَردوں میں سے ہر ایک کُچھ نہ کُچھ لُوٹ کر لے آیا تھا۔

54 سو مُوسیٰ اور الیِعزر کاہِن اُس سونے کو جو اُنہوں نے ہزاروں اور سَکیڑوں کے سرداروں سے لِیا تھا خَیمۂِ اِجتماع میں لائے تاکہ وہ خُداوند کے حضُور بنی اِسرائیل کی یادگار ٹھہرے۔

گِنتی 32

یَردن کے مشرِق میں آباد ہونے والے قبِیلے

1 اور بنی رُوبن اور بنی جد کے پاس چَوپایوں کے بُہت بڑے بڑے غول تھے ۔ سو جب اُنہوں نے یَعزیر اور جِلعاد کے مُلکوں کو دیکھا کہ یہ مقام چَوپایوں کے لِئے نِہایت اچھّے ہیں۔

2 تو اُنہوں نے جا کر مُوسیٰ اور الیِعزر کاہِن اور جماعت کے سرداروں سے کہا کہ۔

3 عَطارات اور دِیبون اور یَعزیر اور نِمر ہ اور حسبو ن اور الیعا لی اورشبام اور نبُو اور بعُو ن۔

4 یعنی وہ مُلک جِس پر خُداوند نے اِسرا ئیل کی جماعت کو فتح دِلائی ہے چَوپایوں کے لِئے نِہایت اچھّا ہے اور تیرے خادِموں کے پاس چَوپائے ہیں۔

5 سو اگر ہم پر تیرے کرم کی نظر ہے تو اِسی مُلک کو اپنے خادِموں کی مِیراث کر دے اور ہم کو یَردن پار نہ لے جا۔

6 مُوسیٰ نے بنی رُوبن اور بنی جدسے کہا کیا تُمہارے بھائی لڑائی میں جائیں اور تُم یہِیں بَیٹھے رہو؟۔

7 تُم کیوں بنی اِسرائیل کو پار اُتر کر اُس مُلک میں جانے سے جو خُداوند نے اُن کو دِیا ہے بے دِل کرتے ہو؟۔

8 تُمہارے باپ دادا نے بھی جب مَیں نے اُن کو قادِس بَرنِیعَ سے بھیجا کہ مُلک کا حال دریافت کریں تو اَیسا ہی کِیا تھا۔

9 کیونکہ جب وہ وادیِ اِسکال میں پُہنچے اور اُس مُلک کو دیکھا تو اُنہوں نے بنی اِسرائیل کو بے دِل کر دِیا تاکہ وہ اُس مُلک میں جو خُداوند نے اُن کو عِنایت کِیا نہ جائیں۔

10 اور اُسی دِن خُداوند کا غضب بھڑکا اور اُس نے قَسم کھا کر کہا کہ۔

11 اُن لوگوں میں سے جو مِصر سے نِکل کر آئے ہیں بِیس برس اور اُس سے اُوپر اُوپر کی عُمر کا کوئی شخص اُس مُلک کو نہیں دیکھنے پائے گا جِس کے دینے کی قَسم میں نے ابرہام اور اِضحا ق اور یعقُوب سے کھائی کیونکہ اُنہوں نے میری پُوری پَیروی نہیں کی۔

12 مگر یفُنّہ قنِزّی کا بیٹا کالِب اور نُون کا بیٹا یشُوع اُسے دیکھیں گے کیونکہ اُنہوں نے خُداوند کی پُوری پَیروی کی ہے۔

13 سو خُداوند کا قہر اِسرا ئیل پر بھڑکا اور اُس نے اُن کو بیابان میں چالِیس برس تک آوارہ پِھرایا جب تک کہ اُس پُشت کے سب لوگ جِنہوں نے خُداوند کے رُوبرُو گُناہ کِیا تھا نابُود نہ ہو گئے۔

14 اور دیکھو تُم جو گُنہگاروں کی نسل ہو اب اپنے باپ دادا کی جگہ اُٹھے ہو تاکہ خُداوند کے قہرِ شدِید کو اِسرائیلِیوں پر زِیادہ کراؤ۔

15 کیونکہ اگر تُم اُس کی پَیروی سے پِھر جاؤ تو وہ اُن کو پِھر بیابان میں چھوڑ دے گا اور تُم اِن سب لوگوں کو ہلاک کراؤ گے۔

16 تب وہ اُس کے نزدِیک آ کر کہنے لگے کہ ہم اپنے چَوپایوں کے لِئے یہاں بھیڑسالے اور اپنے بال بچّوں کے لِئے شہر بنائیں گے۔

17 پر ہم خُود ہتھیار باندھے ہُوئے تیّار رہیں گے کہ بنی اِسرائیل کے آگے آگے چلیں جب تک کہ اُن کو اُن کی جگہ تک نہ پُہنچا دیں اور ہمارے بال بچّے اِس مُلک کے باشِندوں کے سبب سے فصِیل دار شہروں میں رہیں گے۔

18 اور ہم اپنے گھروں کو پِھر واپس نہیں آئیں گے جب تک بنی اِسرائیل کا ایک ایک آدمی اپنی مِیراث کا مالِک نہ ہو جائے۔

19 اور ہم اُن میں شامِل ہو کر یَردن کے اُس پار یا اُس سے آگے مِیراث نہ لیں گے کیونکہ ہماری مِیراث یَردن کے اِس پار مشرِق کی طرف ہم کو مِل گئی۔

20 مُوسیٰ نے اُن سے کہا اگر تُم یہ کام کرو اور خُداوند کے حضُور مُسلّح ہو کر لڑنے جاؤ۔

21 اور تُمہارے ہتھیاربند جوان خُداوند کے حضُور یَردن پار جائیں جب تک کہ خُداوند اپنے دُشمنوں کو اپنے سامنے سے دفع نہ کرے۔

22 اور وہ مُلک خُداوند کے حضُور قبضہ میں نہ آ جائے تو اِس کے بعد تُم واپس آؤ ۔ پِھر تُم خُداوند کے حضُور اور اِسرا ئیل کے آگے بے گُناہ ٹھہرو گے اور یہ مُلک خُداوند کے حضُور تُمہاری مِلکِیّت ہو جائے گا۔

23 لیکن اگر تُم اَیسا نہ کرو تو تُم خُداوند کے گُنہگار ٹھہرو گے اور یہ جان لو کہ تُمہارا گُناہ تُم کو پکڑے گا۔

24 سو تُم اپنے بال بچّوں کے لِئے شہر اور اپنی بھیڑ بکرِیوں کے لِئے بھیڑسالے بناؤ ۔ جو تُمہارے مُنہ سے نِکلا ہے وُہی کرو۔

25 تب بنی جداور بنی رُوبن نے مُوسیٰ سے کہا کہ تیرے خادِم جَیسا ہمارے مالِک کا حُکم ہے وَیسا ہی کریں گے۔

26 ہمارے بال بچّے ہماری بِیویاں ہماری بھیڑ بکرِیاں اور ہمارے سب چَوپائے جِلعاد کے شہروں میں رہیں گے۔

27 پر ہم جو تیرے خادِم ہیں سو ہمارا ایک ایک مُسلّح جوان خُداوند کے حضُور لڑنے کو پار جائے گا جَیسا ہمارا مالِک کہتا ہے۔

28 تب مُوسیٰ نے اُن کے بارے میں الیِعزر کاہِن اور نُون کے بیٹے یشُوع اور اِسرائیلی قبائِل کے آبائی خاندانوں کے سرداروں کو وصِیّت کی۔

29 اور اُن سے یہ کہا کہ اگر بنی جد اور بنی رُوبن کا ایک ایک مَرد خُداوند کے حضُور تُمہارے ساتھ یَردن کے پار مُسلّح ہو کر لڑائی میں جائے اور اُس مُلک پر تُمہارا قبضہ ہو جائے تو تُم جِلعاد کا مُلک اُن کی مِیراث کر دینا۔

30 پر اگر وہ ہتھیار باندھ کر تُمہارے ساتھ پار نہ جائیں تو اُن کو بھی مُلکِ کنعا ن ہی میں تُمہارے بِیچ مِیراث مِلے۔

31 تب بنی جدّ اور بنی رُوبن نے جواب دِیا کہ جَیسا خُداوند نے تیرے خادِموں کو حُکم دِیا ہے ہم وَیسا ہی کریں گے۔

32 ہم ہتھیار باندھ کر خُداوند کے حضُور اُس پار مُلکِ کنعا ن کو جائیں گے پر یَردن کے اِس پار ہی ہماری مِیراث رہے۔

33 تب مُوسیٰ نے امورِیوں کے بادشاہ سِیحو ن کی مملکت اور بسن کے بادشاہ عوج کی مملکت کو یعنی اُن کے مُلکوں کو اور شہروں کو جو اُن اطراف میں تھے اور اُس ساری نواحی کے شہروں کو بنی جد اور بنی رُوبن اور منسّی بِن یُوسف کے آدھے قبِیلہ کو دے دِیا۔

34 تب بنی جدنے دِیبو ن اور عَطارا ت اور عَروعیر۔

35 اور عَطرات شوفان اور یَعزیر اور یُگبِہا۔

36 اور بَیت نِمر ہ اور بَیت ہار ن فصِیل دار شہر اور بھیڑسالے بنائے۔

37 اور بنی رُوبن نے حسبو ن اور الیِعا لی اور قَرِیَتا ئِم۔

38 اور نبُو اور بعل معُون کے نام بدل کراُن کو اور شِبماہ کو بنایا اور اُنہوں نے اپنے بنائے ہُوئے شہروں کے دُوسرے نام رکھّے۔

39 اور منسّی کے بیٹے مکِیر کی نسل کے لوگوں نے جا کر جِلعاد کو لے لِیا اور امورِیوں کو جو وہاں بسے ہُوئے تھے نِکال دِیا۔

40 تب مُوسیٰ نے جِلعاد مکِیر بِن منسّی کو دے دِیا ۔ سو اُس کی نسل کے لوگ وہاں سکُونت کرنے لگے۔

41 اور منسّی کے بیٹے یائِیر نے اُس نواحی کی بستِیوں کو جا کر لے لِیا اور اُن کا نام حوّوت یائِیر رکھّا۔

42 اور نُوبح نے قنات اور اُس کے دیہات کو اپنے تصرُّف میں کر لِیا اور اپنے ہی نام پر اُس کا بھی نام نُوبَح رکھّا۔

گِنتی 33

مِصر سے موآب تک سفر

1 جب بنی اِسرائیل مُوسیٰ اور ہارُون کے ماتحت دَل باندھے ہُوئے مُلکِ مِصر سے نِکل کر چلے تو ذَیل کی منزِلوں پر اُنہوں نے قیام کِیا۔

2 اور مُوسیٰ نے اُن کے سفر کا حال اُن کی منزِلوں کے مُطابِق خُداوند کے حُکم سے قلمبند کِیا ۔ سو اُن کے سفر کی منزِلیں یہ ہیں۔

3 پہلے مہِینے کی پندرھوِیں تارِیخ کو اُنہوں نے رعمسِیس سے کُوچ کِیا ۔ فَسح کے دُوسرے دِن سب بنی اِسرائیل کے لوگ سب مِصرِیوں کی آنکھوں کے سامنے بڑے فخر سے روانہ ہُوئے۔

4 اُس وقت مِصری اپنے پہلوٹھوں کو جِن کو خُداوند نے مارا تھا دفن کر رہے تھے ۔ خُداوند نے اُن کے دیوتاؤں کو بھی سزا دی تھی۔

5 سو بنی اِسرائیل نے رعمسِیس سے کُوچ کر کے سُکّات میں ڈیرے ڈالے۔

6 اور سُکّات سے کُوچ کر کے ایتام میں جو بیابان سے مِلا ہُؤا ہے مُقِیم ہُوئے۔

7 پِھر ایتام سے کُوچ کر کے فی ہخِیروت کو جو بعل صفون کے مُقابِل ہے مُڑ گئے اور مِجدا ل کے سامنے ڈیرے ڈالے۔

8 پِھر اُنہوں نے فی ہخِیروت کے سامنے سے کُوچ کِیا اور سمُندر کے بِیچ سے گُذر کر بیابان میں داخِل ہُوئے اور دشتِ ایتا م میں تِین دِن کی راہ چل کر مارہ میں پڑاؤ کِیا۔

9 اور مارہ سے کُوچ کر کے ایلِیم میں آئے اور ایلِیم میں پانی کے بارہ چشمے اور کھجُور کے ستّر درخت تھے ۔ سو اُنہوں نے یہِیں ڈیرے ڈال لِئے۔

10 اور ایلِیم سے کُوچ کر کے اُنہوں نے بحرِ قُلزم کے کنارے ڈیرے کھڑے کِئے۔

11 اور بحرِ قُلزم سے چل کر دشتِ صِین میں خَیمہ زن ہُوئے۔

12 اور دشتِ صِین سے کُوچ کر کے دُفقہ میں ٹھہرے۔

13 اور دُفقہ سے روانہ ہو کر الُو س میں مُقِیم ہُوئے۔

14 اور الُو س سے چل کر رفِیدِ یم میں ڈیرے ڈالے ۔ یہاں اِن لوگوں کو پِینے کے لِئے پانی نہ مِلا۔

15 اور رفِیدِیم سے کُوچ کر کے دشتِ سِینا میں ٹھہرے۔

16 اور دشتِ سِینا سے چل کر قبروت ہَتّاو ہ میں خَیمے کھڑے کِئے۔

17 اور قبروت ہَتّاوہ سے کُوچ کر کے حصیرات میں ڈیرے ڈالے۔

18 اور حصیرات سے کُوچ کر کے رِتمہ میں ڈیرے ڈالے۔

19 اور رِتمہ سے روانہ ہو کر رِمّون فارص میں خَیمے کھڑے کِئے۔

20 اور رِمّون فارص سے جو چلے تو لِبناہ میں جا کر مُقِیم ہُوئے۔

21 اور لِبناہ سے کُوچ کر کے رَیسّہ میں ڈیرے ڈالے۔

22 اور رَیسّہ سے چل کر قہِیلاتہ میں ڈیرے کھڑے کِئے۔

23 اور قہِیلاتہ سے چل کر کوہِ سافر کے پاس ڈیرا کِیا۔

24 کوہِ سافر سے کُوچ کر کے حراد ہ میں خَیمہ زن ہُوئے۔

25 اور حرادہ سے سفر کر کے مَقہِیلو ت میں قیام کِیا۔

26 اور مَقہِیلو ت سے روانہ ہو کر تحت میں خَیمے کھڑے کِئے۔

27 تحت سے جو چلے تو تارح میں آ کر ڈیرے ڈالے۔

28 اور تارح سے کُوچ کر کے مِتقہ میں قیام کِیا۔

29 اورمِتقہ سے روانہ ہو کر حشمُونہ میں ڈیرے ڈالے۔

30 اور حشمُونہ سے چل کر مَوسِیرو ت میں ڈیرے کھڑے کِئے۔

31 اور مَوسِیرو ت سے روانہ ہو کر بنی یَعَقان میں ڈیرے ڈالے۔

32 اور بنی یَعَقان سے چل کر حورہجِّد جاد میں خَیمہ زن ہُوئے۔

33 اور حورہجِّد جاد سے روانہ ہو کر یُوطباتہ میں خَیمے کھڑے کِئے۔

34 اور یُوطباتہ سے چل کر عبرُونہ میں ڈیرے ڈالے۔

35 اور عبرُونہ سے چل کر عصیُون جابر میں ڈیرا کِیا۔

36 اور عصیُون جابر سے روانہ ہو کر دشتِ صِین میں جو قادِس ہے قیام کِیا۔

37 اور قادِس سے چل کر کوہِ ہور کے پاس جو مُلکِ ادُو م کی سرحدہے خَیمہ زن ہُوئے۔

38 یہاں ہارُون کاہِن خُداوند کے حُکم کے مُطابِق کوہِ ہور پر چڑھ گیا اور اُس نے بنی اِسرائیل کے مُلکِ مِصر سے نِکلنے کے چالِیسویں برس کے پانچویں مہِینے کی پہلی تارِیخ کو وہیں وفات پائی۔

39 اور جب ہارُون نے کوہِ ہور پر وفات پائی تو وہ ایک سَو تیئِیس برس کا تھا۔

40 اور عَراد کے کنعا نی بادشاہ کو جو مُلکِ کنعان کے جنُوب میں رہتا تھا بنی اِسرائیل کی آمد کی خبر مِلی۔

41 اور اِسرائیلی کوہِ ہور سے کُوچ کر کے ضلمُونہ میں ٹھہرے۔

42 اور ضلمُونہ سے کُوچ کر کے فُونون میں ڈیرے ڈالے۔

43 اور فُونون سے کُوچ کر کے اوبوت میں قیام کِیا۔

44 اور اوبوت سے کُوچ کر کے عَّی عبارِیم میں جو مُلکِ موآب کی سرحد پر ہے ڈیرے ڈالے۔

45 اور عِییم سے کُوچ کر کے دِیبو ن جد میں خَیمہ زن ہُوئے۔

46 اور دِیبو ن جدسے کُوچ کر کے علمُون دبلہ تایم میں خَیمے کھڑے کِئے۔

47 اور علمُون دبلہ تایم سے کُوچ کر کے عبارِیم کے کوہِستان میں جو نبو کے مُقابِل ہے ڈیرا کِیا۔

48 اور عبارِیم کے کوہِستان سے چل کر موآب کے مَیدانوں میں جو یرِیحُو کے مُقابِل یَردن کے کنارے واقِع ہیں خَیمہ زن ہُوئے۔

49 اور یَردن کے کنارے بَیت یسِیمو ت سے لے کر ابیل سِطِّیم تک موآب کے مَیدانوں میں اُنہوں نے ڈیرے ڈالے۔

یَردن پار کرنے سے پہلے ہِدایات

50 اور خُداوند نے موآب کے مَیدانوں میں جو یِریحُو کے مُقابِل یَرد ن کے کنارے واقِع ہیں مُوسیٰ سے کہا کہ۔

51 بنی اِسرائیل سے یہ کہہ دے کہ جب تُم یَردن کو عبُور کر کے مُلکِ کنعان میں داخِل ہو۔

52 تو تُم اُس مُلک کے سب باشِندوں کو وہاں سے نِکال دینا اور اُن کے شبِیہ دار پتّھروں کو اور اُن کے ڈھالے ہُوئے بُتوں کو توڑ ڈالنا اور اُن کے سب اُونچے مقاموں کو مِسمار کر دینا۔

53 اور تُم اُس مُلک پر قبضہ کر کے اُس میں بسنا کیونکہ مَیں نے وہ مُلک تُم کو دِیا ہے کہ تُم اُس کے مالِک بنو۔

54 اور تُم قُرعہ ڈال کراُس مُلک کو اپنے گھرانوں میں مِیراث کے طَور پر بانٹ لینا ۔ جِس خاندان میں زِیادہ آدمی ہوں اُس کو زِیادہ اور جِس میں تھوڑے ہوں اُس کو تھوڑی مِیراث دینا اور جِس آدمی کا قُرعہ جِس جگہ کے لِئے نِکلے وُہی اُس کو حِصّہ میں مِلے ۔ تُم اپنے آبائی قبائِل کے مُطابِق اپنی اپنی مِیراث لینا۔

55 لیکن اگر تُم اُس مُلک کے باشِندوں کو اپنے آگے سے دُور نہ کرو تو جِن کو تُم باقی رہنے دو گے وہ تُمہاری آنکھوں میں خار اور تُمہارے پہلُوؤں میں کانٹے ہوں گے اور اُس مُلک میں جہاں تُم بسو گے تُم کو دِق کریں گے۔

56 اور آخِر کو یُوں ہو گا کہ جَیسا مَیں نے اُن کے ساتھ کرنے کا اِرادہ کِیا وَیسا ہی تُم سے کرُوں گا۔

گِنتی 34

مُلک کی سرحدّیں

1 پِھر خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ۔

2 بنی اِسرائیل کو حُکم کر اور اُن کو کہہ دے کہ جب تُم مُلکِ کنعا ن میں داخِل ہو (یہ وُہی مُلک ہے جو تُمہاری مِیراث ہو گا یعنی کنعا ن کا مُلک مع اپنی حدُودِ اربعہ کے)۔

3 تو تُمہاری جنُوبی سِمت دشتِ صِین سے لے کر مُلکِ ادُو م کے کنارے کنارے ہو اور تُمہاری جنُوبی سرحددریایِ شور کے آخِر سے شرُوع ہو کر مشرِق کو جائے۔

4 وہاں سے تُمہاری سرحد عقرابِیّم کی چڑھائی کے جنُوب تک پُہنچ کر مُڑے اور صِین سے ہوتی ہُوئی قادِ س بَرنِیعَ کے جنُوب میں جا کر نِکلے اور حصرادّار سے ہو کر عَضمُو ن تک پُہنچے۔

5 پِھر یِہی سرحد عَضمُو ن سے ہو کر گُھومتی ہُوئی مِصر کی نہر تک جائے اور سمُندر کے ساحِل پر ختم ہو۔

6 اور مغرِبی سِمت میں بڑا سمُندر اور اُس کا ساحِل ہو ۔ سو یِہی تُمہاری مغرِبی سرحدٹھہرے۔

7 اور شِمالی سِمت میں تُم بڑے سمُندر سے کوہِ ہور تک اپنی حدّ رکھنا۔

8 پِھر کوہِ ہور سے حَمات کے مدخل تک تُم اِس طرح اپنی حد ّمُقرّر کرنا کہ وہ صِداد سے جا مِلے۔

9 اور وہاں سے ہوتی ہُوئی زِفرُون کو نِکل جائے اور حصرعینا ن پر جا کر ختم ہو ۔ یہ تُمہاری شِمالی سرحد ہو۔

10 اور تُم اپنی مشرِقی سرحدحصرعینا ن سے لے کر سفام تک باندھنا۔

11 اور یہ سرحدسفام سے رِبلہ تک جو عَین کے مشرِق میں ہے جائے اور وہاں سے نِیچے کو اُترتی ہُوئی کِنّرت کی جِھیل کے مشرِقی کنارے تک پُہنچے۔

12 اور پِھر یَردن کے کنارے کنارے نِیچے کو جا کر دریایِ شور پر ختم ہو ۔

اِن حدُود کے اندر کا مُلک تُمہارا ہو گا۔

13 سو مُوسیٰ نے بنی اِسرائیل کو حُکم دِیا کہ یِہی وہ زمِین ہے جِسے تُم قُرعہ ڈال کر مِیراث میں لو گے اور اِسی کی بابت خُداوند نے حُکم دِیا ہے کہ وہ ساڑھے نَو قبِیلوں کو دی جائے۔

14 کیونکہ بنی رُوبن کے قبِیلہ نے اپنے آبائی خاندانوں کے مُوافِق اور بنی جد کے قبِیلہ نے بھی اپنے آبائی خاندانوں کے مُطابِق مِیراث پالی اور بنی منسّی کے آدھے قبِیلہ نے بھی اپنی مِیراث پالی۔

15 یعنی اِن ڈھائی قبِیلوں کو یَردن کے اِسی پار یِریحُو کے مُقابِل مشرِق کی طرف جِدھر سے سُورج نِکلتا ہے مِیراث مِل چُکی ہے۔

مُلک کو تقسِیم کرنے کے ذِمّہ دار اشخاص

16 اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ۔

17 جو اشخاص اِس مُلک کو مِیراث کے طَور پر تُم کو بانٹ دیں گے اُن کے نام یہ ہیں یعنی الِیعزر کاہِن اور نُو ن کا بیٹا یشُوع۔

18 اور تُم زمِین کو مِیراث کے طَور پر بانٹنے کے لِئے ہر قبِیلہ سے ایک سردار کو لینا۔

19 اور اُن آدمِیوں کے نام یہ ہیں: ۔

یہُوداہ کے قبِیلہ سے یُفنّہ کا بیٹا کالِب۔

20 اور بنی شمعُون کے قبِیلہ سے عمِّیہُود کا بیٹا سمُو ئیل۔

21 اور بِنیمِین کے قبِیلہ سے کِسلُون کا بیٹا الِیداد۔

22 اور بنی دان کے قبِیلہ سے ایک سردار بُقّی بِن

یُگلی۔

23 اور بنی یُوسف میں سے یعنی بنی منسّی کے قبِیلہ

سے ایک سردار حَنّی ایل بِن افُود۔

24 اور بنی افرائِیم کے قبِیلہ سے ایک سردار قمُوایل

بِن سِفتان۔

25 اور بنی زبُولُون کے قبِیلہ سے ایک سردار الیصفن

بِن فرناک۔

26 اور بنی اِشکار کے قبِیلہ سے ایک سردار فلتی ایل

بِن عَزّان۔

27 اور بنی آشر کے قبِیلہ سے ایک سردار اَخِیہُود بِن

شلُومی۔

28 اور بنی نفتالی کے قبِیلہ سے ایک سردار فداہیل

بِن عمِّیہُود۔

29 یہ وہ لوگ ہیں جِن کو خُداوند نے حُکم دِیا کہ مُلکِ کنعا ن میں بنی اِسرائیل کو مِیراث تقسِیم کر دیں۔