گِنتی 5

ناپاک اشخاص

1 پِھر خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ۔

2 بنی اِسرائیل کو حُکم دے کہ وہ ہر کوڑھی کو اور جریان کے مریض کو اور جو مُردہ کے سبب سے ناپاک ہو اُس کو لشکرگاہ سے باہر کر دیں۔

3 اَیسوں کو خواہ وہ مَرد ہوں یا عَورت تُم نِکال کراُن کو لشکرگاہ کے باہر رکھّو تاکہ وہ اُن کی لشکرگاہ کو جِس کے درمِیان مَیں رہتا ہُوں ناپاک نہ کریں۔

4 چُنانچہ بنی اِسرائیل نے اَیسا ہی کِیا اور اُن کونِکال کر لشکرگاہ کے باہر رکھّا ۔ جَیسا خُداوند نے مُوسیٰ کو حُکم دِیا تھا وَیسا ہی بنی اِسرائیل نے کِیا۔

زیادتی اور بے اِنصافی کی تلافی

5 اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ۔

6 بنی اِسرائیل سے کہہ کہ اگر کوئی مَرد یا عَورت خُداوند کی حُکم عدُولی کر کے کوئی اَیسا گُناہ کرے جو آدمی کرتے ہیں اور قصُوروار ہو جائے۔

7 تو جو گُناہ اُس نے کِیا ہے وہ اُس کا اِقرار کرے اور اپنی تقصِیر کے مُعاوضہ میں پُورا دام اور اُس میں اُس کا پانچواں حِصّہ اَور مِلا کر اُس شخص کو دے جِس کا اُس نے قصُور کِیا ہے۔

8 لیکن اگر اُس شخص کا کوئی رِشتہ دار نہ ہو جِسے اُس تقصِیر کا مُعاوضہ دِیا جائے تو تقصِیر کا جو مُعاوضہ خُداوند کو دِیا جائے وہ کاہِن کا ہو ۔ علاوہ کفّارہ کے اُس مینڈھے کے جِس سے اُس کا کفّارہ دِیا جائے۔

9 اور جِتنی مُقدّس چِیزیں بنی اِسرائیل اُٹھانے کی قُربانی کے طَور پر کاہِن کے پاس لائیں وہ اُسی کی ہوں۔

10 اور ہر شخص کی مُقدّ ّس کی ہُوئی چِیزیں اُس کی ہوں اور جو چِیز کوئی شخص کاہِن کو دے وہ بھی اُسی کی ہو۔

بِیویوں اور شکّی شَوہروں کے مُعاملات

11 اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ بنی اِسرائیل سے کہہ کہ۔

12 اگر کِسی کی بِیوی گُمراہ ہو کر اُس سے بیوفائی کرے۔

13 اور کوئی دُوسرا آدمی اُس عَورت کے ساتھ مُباشرت کرے اور اُس کے شَوہر کو معلُوم نہ ہو بلکہ یہ اُس سے پوشِیدہ رہے اور وہ ناپاک ہو گئی ہو پر نہ تو کوئی شاہِد ہو اور نہ وہ عَین فعل کے وقت پکڑی گئی ہو۔

14 اور اُس کے شَوہر کے دِل میں غَیرت آئے اور وہ اپنی بِیوی سے غَیرت کھانے لگے حالانکہ وہ ناپاک ہُوئی ہو یا اُس کے شَوہر کے دِل میں غَیرت آئے اور وہ اپنی بِیوی سے غَیرت کھانے لگے حالانکہ وہ ناپاک نہیں ہُوئی۔

15 تو وہ شخص اپنی بِیوی کو کاہِن کے پاس حاضِر کرے اور اُس عَورت کے چڑھاوے کے لِئے ایفہ کے دسویں حِصّہ کے برابر جَو کا آٹا لائے پر اُس پر نہ تیل ڈالے نہ لُبان رکھّے کیونکہ یہ نذر کی قُربانی غَیرت کی ہے یعنی یہ یادگاری کی نذر کی قُربانی ہے جِس سے گُناہ یاد دِلایا جاتا ہے۔

16 تب کاہِن اُس عَورت کو نزدِیک لا کر خُداوند کے حضُور کھڑی کرے۔

17 اور کاہِن مِٹّی کے ایک باسن میں مُقدّس پانی لے اور مسکن کے فرش کی گرد لے کر اُس پانی میں ڈالے۔

18 پِھر کاہِن اُس عَورت کو خُداوند کے حضُور کھڑی کر کے اُس کے سر کے بال کُھلوا دے اور یادگاری کی نذر کی قُربانی کو جو غَیرت کی نذر کی قُربانی ہے اُس کے ہاتھوں پر دھرے اور کاہِن اپنے ہاتھ میں اُس کڑوے پانی کو لے جو لَعنت کو لاتا ہے۔

19 پِھر کاہِن اُس عَورت کو قَسم کِھلا کر کہے کہ اگر کِسی شخص نے تُجھ سے صُحبت نہیں کی ہے اور تُو اپنے شَوہر کی ہوتی ہُوئی ناپاکی کی طرف مائِل نہیں ہُوئی تو تُو اِس کڑوے پانی کی تاثیر سے جو لَعنت لاتا ہے بچی رہ۔

20 لیکن اگر تُو اپنے شَوہر کی ہوتی ہُوئی گُمراہ ہو کر ناپاک ہو گئی ہے اور تیرے شَوہر کے سِوا کِسی دُوسرے شخص نے تُجھ سے صُحبت کی ہے۔

21 تو کاہِن اُس عَورت کو لَعنت کی قَسم کِھلا کر اُس سے کہے کہ خُداوند تُجھے تیری قَوم میں تیری ران کو سڑا کر اور تیرے پیٹ کو پُھلا کر لَعنت اور پھٹکار کا نِشانہ بنائے۔

22 اور یہ پانی جو لَعنت لاتا ہے تیری انتڑیوں میں جا کر تیرے پیٹ کو پُھلائے اور تیری ران کوسڑائے۔

اور عَورت آمِین آمِین کہے۔

23 پِھر کاہِن اُن لَعنتوں کو کِسی کِتاب میں لِکھ کر اُن کو اُسی کڑوے پانی میں دھو ڈالے۔

24 اور وہ کڑوا پانی جو لَعنت کو لاتا ہے اُس عَورت کو پِلائے اور وہ پانی جو لَعنت کو لاتا ہے اُس عَورت کے پیٹ میں جا کر کڑوا ہو جائے گا۔

25 اور کاہِن اُس عَورت کے ہاتھ سے غَیرت کی نذر کی قُربانی کو لے کر خُداوند کے حضُور اُس کو ہِلائے اور اُسے مذبح کے پاس لائے۔

26 پِھر کاہِن اُس نذر کی قُربانی میں سے اُس کی یادگاری کے طَور پر ایک مُٹّھی لے کر اُسے مذبح پر جلائے بعد اُس کے وہ پانی اُس عَورت کو پِلائے۔

27 اور جب وہ اُسے وہ پانی پِلا چُکے گا تو اَیسا ہو گا کہ اگر وہ ناپاک ہُوئی اور اُس نے اپنے شَوہر سے بے وفائی کی تو وہ پانی جو لَعنت کو لاتا ہے اُس کے پیٹ میں جا کر کڑوا ہو جائے گا اور اُس کا پیٹ پُھول جائے گا اور اُس کی ران سڑ جائے گی اور وہ عَورت اپنی قَوم میں لَعنت کا نِشانہ بنے گی۔

28 پر اگر وہ ناپاک نہیں ہُوئی بلکہ پاک ہے تو بے اِلزام ٹھہرے گی اور اُس سے اَولاد ہو گی۔

29 غَیرت کے بارے میں یِہی شرع ہے خواہ عَورت اپنے شَوہر کی ہوتی ہُوئی گُمراہ ہو کر ناپاک ہو جائے یا مَرد پر غَیرت سوار ہو۔

30 اور وہ اپنی بِیوی سے غَیرت کھانے لگے اَیسے حال میں وہ اُس عَورت کو خُداوند کے آگے کھڑی کرے اور کاہِن اُس پر یہ ساری شرِیعت عمل میں لائے۔

31 تب مَرد گُناہ سے بری ٹھہرے گااور اُس عَورت کا گُناہ اُسی کے سر لگے گا۔

گِنتی 6

نذیروں کے لِئے قواعد و ضوابِط

1 پِھر خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ۔

2 بنی اِسرائیل سے کہہ کہ جب کوئی مَرد یا عَورت نذیر کی مَنّت یعنی اپنے آپ کو خُداوند کے لِئے الگ رکھنے کی خاص مَنّت مانے۔

3 تو وہ مَے اور شراب سے پرہیز کرے اور مَے کا یا شراب کا سِرکہ نہ پِئے اور نہ انگُور کا رس پِئے اور نہ تازہ یا خُشک انگُور کھائے۔

4 اور اپنی نذارت کے تمام ایّام میں بِیج سے لے کر چِھلکے تک جو کُچھ انگُور کے درخت میں پَیدا ہو اُسے نہ کھائے۔

5 اور اُس کی نذارت کی مَنّت کے دِنوں میں اُس کے سر پر اُسترہ نہ پھیرا جائے ۔ جب تک وہ مُدّت جِس کے لِئے وہ خُداوند کا نذیر بنا ہے پُوری نہ ہو تب تک وہ مُقدّس رہے اور اپنے سر کے بالوں کی لٹوں کو بڑھنے دے۔

6 اُن تمام ایّام میں جب وہ خُداوند کا نذیر ہو وہ کِسی لاش کے نزدِیک نہ جائے۔

7 وہ اپنے باپ یا ماں یا بھائی یا بہن کی خاطِر بھی جب وہ مَریں اپنے آپ کو نجِس نہ کرے کیونکہ اُس کی نذارت جو خُدا کے لِئے ہے اُس کے سر پر ہے۔

8 وہ اپنی نذارت کی پُوری مُدّت تک خُداوند کے لِئے مُقدّس ہے۔

9 اور اگر کوئی آدمی ناگہان اُس کے پاس ہی مَر جائے اور اُس کی نذارت کے سر کو ناپاک کر دے تو وہ اپنے پاک ہونے کے دِن اپنا سر مُنڈوائے یعنی ساتویں دِن سر مُنڈوائے۔

10 اور آٹھویں روز دو قُمریاں یا کبُوتر کے دو بچّے خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر کاہِن کے پاس لائے۔

11 اور کاہِن ایک کو خطا کی قُربانی کے لِئے اور دُوسرے کو سوختنی قُربانی کے لِئے گُذرانے اور اُس کے لِئے کفّارہ دے کیونکہ وہ مُردہ کے سبب سے گُنہگار ٹھہرا ہے اور اُس کے سر کو اُسی دِن مُقدّس کرے۔

12 پِھر وہ اپنی نذارت کی مُدّت کو خُداوند کے لِئے مُقدّس کرے اور ایک یکسالہ نر برّہ جُرم کی قُربانی کے لِئے لائے لیکن جو دِن گُذر گئے ہیں وہ گِنے نہیں جائیں گے کیونکہ اُس کی نذارت ناپاک ہو گئی تھی۔

13 اور نذیر کے لِئے شرع یہ ہے کہ جب اُس کی نذارت کے دِن پُورے ہو جائیں تو وہ خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر حاضِر کِیا جائے۔

14 اور وہ خُداوند کے حضُور اپنا چڑھاوا چڑھائے یعنی سوختنی قُربانی کے لِئے ایک بے عَیب یکسالہ نر برّہ اور خطا کی قُربانی کے لِئے ایک بے عَیب یکسالہ مادہ برّہ اور سلامتی کی قُربانی کے لِئے ایک بے عَیب مینڈھا۔

15 اور بے خمِیری روٹیوں کی ایک ٹوکری اور تیل مِلے ہُوئے مَیدہ کے کُلچے اور تیل چُپڑی ہُوئی بے خمِیری روٹیاں اور اُن کی نذر کی قُربانی اور اُن کے تپاون لائے۔

16 اور کاہِن اُن کو خُداوند کے حضُور لا کر اُس کی طرف سے خطا کی قُربانی اور سوختنی قُربانی گُذرانے۔

17 اور اُس مینڈھے کو بے خمِیری روٹیوں کی ٹوکری کے ساتھ خُداوند کے حضُور سلامتی کی قُربانی کے طَور پر گُذرانے اور کاہِن اُس کی نذر کی قُربانی اور اُس کا تپاون بھی چڑھائے۔

18 پِھر وہ نذیر خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر اپنی نذارت کے بال مُنڈوائے اور نذارت کے بالوں کو اُس آگ میں ڈال دے جو سلامتی کی قُربانی کے نِیچے ہو گی۔

19 اور جب نذیر اپنی نذارت کے بال مُنڈوا چُکے تو کاہِن اُس مینڈھے کا اُبالا ہُؤا شانہ اور ایک بے خمِیری روٹی ٹوکری میں سے اور ایک بے خمِیری کُلچہ لے کر اُس نذیر کے ہاتھوں پر اُن کو دھرے۔

20 پِھر کاہِن اُن کو ہِلانے کی قُربانی کے طَور پر خُداوند کے حضُور ہِلائے ۔ ہِلانے کی قُربانی کے سِینہ اور اُٹھانے کی قُربانی کے شانہ کے ساتھ یہ بھی کاہِن کے لِئے مُقدّس ہیں ۔ اِس کے بعد نذیر مَے پی سکے گا۔

21 نذیر جو مَنّت مانے اور جو چڑھاوا اپنی نذارت کے لِئے خُداوند کے حضُور لائے علاوہ اُس کے جِس کا اُسے مقدُور ہو ۔ اُن سبھوں کے بارے میں شرع یہ ہے جَیسی مَنّت اُس نے مانی ہو وَیسا ہی اُس کو نذارت کی شرع کے مُطابِق عمل کرنا پڑے گا۔

کاہِن کا دُعائے خیر دینا

22 اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ۔

23 ہارُون اور اُس کے بیٹوں سے کہہ کہ تُم بنی اِسرائیل کو اِس طرح دُعا دِیا کرنا ۔ تُم اُن سے کہنا۔

24 خُداوند تُجھے برکت دے اور تُجھے محفُوظ رکھّے۔

25 خُداوند اپنا چہرہ تُجھ پر جلوہ گر فرمائے اور تُجھ پر

مِہربان رہے۔

26 خُداوند اپنا چہرہ تیری طرف مُتوجِّہ کرے اور تُجھے

سلامتی بخشے۔

27 اِس طرح وہ میرے نام کو بنی اِسرائیل پر رکھّیں اور مَیں اُن کو برکت بخشُوں گا۔

گِنتی 7

رئِیسوں اور سرداروں کے نذرانے

1 اور جِس دِن مُوسیٰ مسکن کے کھڑا کرنے سے فارِغ ہُؤا اور اُس کو اور اُس کے سب سامان کو مَسح اور مُقدّس کِیا اور مذبح اور اُس کے سب ظُروف کو بھی مَسح اور مُقدّس کِیا۔

2 تو اِسرائیلی رئِیس جو اپنے آبائی خاندانوں کے سردار اور قبِیلوں کے رئِیس اور شُمار کِئے ہُوؤں کے اُوپر مُقرّر تھے نذرانہ لائے۔

3 وہ اپنا ہدیہ چھ پردہ دار گاڑِیاں اور بارہ بَیل خُداوند کے حضُور لائے ۔ دو دو رئِیسوں کی طرف سے ایک ایک گاڑی اور ہر رئِیس کی طرف سے ایک بَیل تھا ۔ اِن کو اُنہوں نے مسکن کے سامنے حاضِر کِیا۔

4 تب خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ۔

5 تُو اِن کو اُن سے لے تاکہ وہ خَیمۂِ اِجتماع کے کام میں آئیں اور تُو لاوِیوں میں ہر شخص کی خِدمت کے مُطابِق اُن کو تقسِیم کر دے۔

6 سو مُوسیٰ نے وہ گاڑِیاں اور بَیل لے کر اُن کو لاوِیوں کو دے دِیا۔

7 بنی جیرسون کو اُس نے اُن کی خِدمت کے لِحاظ سے دو گاڑِیاں اور چار بَیل دِئے۔

8 اور چار گاڑِیاں اور آٹھ بَیل اُس نے بنی مراری کو اُن کی خِدمت کے لِحاظ سے ہارُون کاہِن کے بیٹے اِتمر کے ماتحت کر کے دِئے۔

9 لیکن بنی قہات کو اُس نے کوئی گاڑی نہیں دی کیونکہ اُن کے ذِمّہ مَقدِس کی خِدمت تھی ۔ وہ اُسے اپنے کندھوں پر اُٹھاتے تھے۔

10 اور جِس دِن مذبح مَسح کِیا گیا اُس دِن وہ رئِیس اُس کی تقدِیس کے لِئے ہدئے لائے اور اپنے ہدیوں کو وہ رئِیس مذبح کے آگے لے جانے لگے۔

11 تب خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ مذبح کی تقدِیس کے لِئے ایک ایک رئِیس ایک ایک دِن اپنا ہدیہ گُذرانے۔

12 سو پہلے دِن یہُوداہ کے قبِیلہ میں سے عمِّینداب کے بیٹے نحسو ن نے اپنا ہدیہ گُذرانا۔

13 اور اُس کا ہدیہ یہ تھا ۔ مَقدِس کی مِثقال کے حِساب سے ایک سَو تِیس مِثقال چاندی کا ایک طباق اور ستّر مِثقال چاندی کا ایک کٹورا ۔ اُن دونوں میں نذر کی قُربانی کے لِئے تیل مِلا ہُؤا مَیدہ بھرا تھا۔

14 دس مِثقال سونے کا ایک چمچ جو بخُور سے بھرا تھا۔

15 سوختنی قُربانی کے لِئے ایک بچھڑا ۔ ایک مینڈھا ایک نر یکسالہ برّہ۔

16 خطا کی قُربانی کے لِئے ایک بکرا۔

17 اور سلامتی کی قُربانی کے لِئے دو بَیل ۔ پانچ مینڈھے ۔ پانچ بکرے پانچ نر یکسالہ برّے ۔ یہ عِمّینداب کے بیٹے نحسو ن کا ہدیہ تھا۔

18 دُوسرے دِن ضُغر کے بیٹے نتنی ایل نے جو اِشکار کے قبِیلہ کا سردار تھا اپنا ہدیہ گُذرانا۔

19 اور اُس کا ہدیہ یہ تھا ۔ مَقدِس کی مِثقال کے حِساب سے ایک سَو تِیس مِثقال چاندی کا ایک طباق اور ستّر مِثقال چاندی کا ایک کٹورا ۔ اُن دونوں میں نذر کی قُربانی کے لِئے تیل مِلا ہُؤا مَیدہ بھرا تھا۔

20 دس مِثقال سونے کا ایک چمچ جو بخُور سے بھرا تھا۔

21 سوختنی قُربانی کے لِئے ایک بچھڑا ایک مینڈھا ایک نر یکسالہ برّہ۔

22 خطا کی قُربانی کے لِئے ایک بکرا۔

23 اور سلامتی کی قُربانی کے لِئے دو بَیل پانچ مینڈھے پانچ بکرے پانچ نر یکسالہ برّے ۔ یہ ضُغر کے بیٹے نتنی ایل کا ہدیہ تھا۔

24 اور تِیسرے دِن حیلو ن کے بیٹے الِیا ب نے جو زبُولُون کے قبِیلہ کا سردار تھا اپنا ہدیہ گُذرانا۔

25 اور اُس کا ہدیہ یہ تھا ۔ مَقدِس کی مِثقال کے حِساب سے ایک سَو تِیس مِثقال چاندی کا ایک طباق اور ستّر مِثقال چاندی کا ایک کٹورا ۔ اُن دونوں میں نذر کی قُربانی کے لِئے تیل مِلا ہُؤا مَیدہ بھرا تھا۔

26 دس مِثقال سونے کاایک چمچ جو بخُور سے بھرا تھا۔

27 سوختنی قُربانی کے لِئے ایک بچھڑا ایک مینڈھا ایک نر یکسالہ برّہ۔

28 خطا کی قُربانی کے لِئے ایک بکرا۔

29 اور سلامتی کی قُربانی کے لِئے دو بَیل پانچ مینڈھے پانچ بکرے پانچ نر یکسالہ برّے ۔ یہ حیلو ن کے بیٹے الِیاب کا ہدیہ تھا۔

30 چَوتھے دِن شدِےُور کے بیٹے الِیصُور نے جو رُوبن کے قبِیلہ کا سردار تھا اپنا ہدیہ گُذرانا۔

31 اور اُس کا ہدیہ یہ تھا۔ مَقدِس کی مِثقال کے حِساب سے ایک سَو تِیس مِثقال چاندی کا ایک طباق اور ستّر مِثقال چاندی کا ایک کٹورا ۔ اُن دونوں میں نذر کی قُربانی کے لِئے تیل مِلا ہُؤا مَیدہ بھرا تھا۔

32 دس مِثقال سونے کا ایک چمچ جو بخُور سے بھرا تھا۔

33 سوختنی قُربانی کے لِئے ایک بچھڑا ایک مینڈھا ایک نر یکسالہ برّہ۔

34 خطا کی قُربانی کے لِئے ایک بکرا۔

35 اور سلامتی کی قُربانی کے لِئے دو بَیل پانچ مینڈھے پانچ بکرے پانچ نر یکسالہ برّے ۔ یہ شدِےُور کے بیٹے الِیصُور کا ہدیہ تھا۔

36 اور پانچویں دِن صُور ی شدّی کے بیٹے سلُومی ایل نے جو شمعُو ن کے قبِیلہ کا سردار تھا اپنا ہدیہ گُذرانا۔

37 اور اُس کا ہدیہ یہ تھا مَقدِس کی مِثقال کے حِساب سے ایک سَو تِیس مِثقال چاندی کا ایک طباق اور ستّر مِثقال چاندی کا ایک کٹورا ۔ اُن دونوں میں نذر کی قُربانی کے لِئے تیل مِلا ہُؤا مَیدہ بھرا تھا۔

38 دس مِثقال سونے کا ایک چمچ جو بخُور سے بھرا تھا۔

39 سوختنی قُربانی کے لِئے ایک بچھڑا ایک مینڈھا ایک نر یکسالہ برّہ۔

40 خطا کی قُربانی کے لِئے ایک بکرا۔

41 اور سلامتی کی قُربانی کے لِئے دو بَیل پانچ مینڈھے پانچ بکرے پانچ نر یکسالہ برّے ۔ یہ صُور ی شدّی کے بیٹے سلُومی ایل کا ہدیہ تھا۔

42 اور چھٹے دِن دعُوایل کے بیٹے اِلیاسف نے جو جد کے قبِیلہ کا سردار تھا اپنا ہدیہ گُذرانا۔

43 اور اُس کا ہدیہ یہ تھا ۔ مَقدِس کی مِثقال کے حِساب سے ایک سَو تِیس مِثقال چاندی کا ایک طباق اور ستّر مِثقال چاندی کا ایک کٹورا ۔ اُن دونوں میں نذر کی قُربانی کے لِئے تیل مِلا ہُؤا مَیدہ بھرا تھا۔

44 دس مِثقال سونے کا ایک چمچ جو بخُور سے بھرا تھا۔

45 سوختنی قُربانی کے لِئے ایک بچھڑا ایک مینڈھا ایک نر یکسالہ برّہ۔

46 خطا کی قُربانی کے لِئے ایک بکرا۔

47 اور سلامتی کی قُربانی کے لِئے دو بَیل پانچ مینڈھے پانچ بکرے پانچ نر یکسالہ برّے ۔ یہ دعُوایل کے بیٹے الِیا سف کا ہدیہ تھا۔

48 اور ساتویں دِن عمِّیہُود کے بیٹے الِیسمع نے جو افرائِیم کے قبِیلہ کا سردار تھا اپنا ہدیہ گُذرانا۔

49 اور اُس کا ہدیہ یہ تھا ۔ مَقدِس کی مِثقال کے حِساب سے ایک سَو تِیس مِثقال چاندی کا ایک طباق اور ستّرمِثقال چاندی کا ایک کٹورا ۔ اُن دونوں میں نذر کی قُربانی کے لِئے تیل مِلا ہُؤا مَیدہ بھرا تھا۔

50 دس مِثقال سونے کا ایک چمچ جو بخُور سے بھرا تھا۔

51 سوختنی قُربانی کے لِئے ایک بچھڑا ایک مینڈھا ایک نر یکسالہ برّہ۔

52 خطا کی قُربانی کے لِئے ایک بکرا۔

53 اور سلامتی کی قُربانی کے لِئے دو بَیل پانچ مینڈھے پانچ بکرے پانچ نر یکسالہ برّے ۔ یہ عمِّیہُود کے بیٹے الِیسمع کا ہدیہ تھا۔

54 اور آٹھویں دِن فدا ہصُور کے بیٹے جَملی ایل نے جو منسّی کے قبِیلہ کا سردار تھا اپنا ہدیہ گُذرانا۔

55 اور اُس کا ہدیہ یہ تھا ۔ مَقدِس کی مِثقال کے حِساب سے ایک سَو تِیس مِثقال چاندی کا ایک طباق اور ستّر مِثقال چاندی کا ایک کٹورا ۔ اُن دونوں میں نذر کی قُربانی کے لِئے تیل مِلا ہُؤا مَیدہ بھرا تھا۔

56 دس مِثقال سونے کا ایک چمچ جو بخُور سے بھرا تھا۔

57 سوختنی قُربانی کے لِئے ایک بچھڑا ایک مینڈھا ایک نر یکسالہ برّہ۔

58 خطا کی قُربانی کے لِئے ایک بکرا۔

59 اور سلامتی کی قُربانی کے لِئے دو بَیل پانچ مینڈھے پانچ بکرے پانچ نر یکسالہ برّے ۔ یہ فدا ہصُور کے بیٹے جَملی ایل کا ہدیہ تھا۔

60 اور نویں دِن جِدعو نی کے بیٹے اَبِدا ن نے جو بنیمِین کے قبِیلہ کا سردار تھا اپنا ہدیہ گُذرانا۔

61 اور اُس کا ہدیہ یہ تھا ۔ مَقدِس کی مِثقال کے حِساب سے ایک سو تِیس مِثقال چاندی کا ایک طباق اور ستّر مِثقال چاندی کا ایک کٹورا ۔ اُن دونوں میں نذر کی قُربانی کے لِئے تیل مِلا ہُؤا مَیدہ بھرا تھا۔

62 دس مِثقال سونے کا ایک چمچ جو بخُور سے بھرا تھا۔

63 سوختنی قُربانی کے لِئے ایک بچھڑا ایک مینڈھا ایک نر یکسالہ برّہ۔

64 خطا کی قُربانی کے لِئے ایک بکرا۔

65 اور سلامتی کی قُربانی کے لِئے دو بَیل پانچ مینڈھے پانچ بکرے پانچ نر یکسالہ برّے ۔ یہ جِدعو نی کے بیٹے اَبدا ن کا ہدیہ تھا۔

66 اور دسویں دِن عمِّیشدّی کے بیٹے اخیعزر نے جو دان کے قبِیلہ کا سردار تھا اپنا ہدیہ گُذرانا۔

67 اور اُس کا ہدیہ یہ تھا ۔ مَقدِس کی مِثقال کے حِساب سے ایک سَو تِیس مِثقال چاندی کا ایک طباق اور ستّر مِثقال چاندی کا ایک کٹورا ۔ اُن دونوں میں نذر کی قُربانی کے لِئے تیل مِلا ہُؤا مَیدہ بھرا تھا۔

68 دس مِثقال سونے کا ایک چمچ جو بخُور سے بھرا تھا۔

69 سوختنی قُربانی کے لِئے ایک بچھڑا ایک مینڈھا ایک نر یکسالہ بر ّہ۔

70 خطا کی قُربانی کے لِئے ایک بکرا۔

71 اور سلامتی کی قُربانی کے لِئے دو بَیل پانچ مینڈھے پانچ بکرے پانچ نر یکسالہ برّے ۔ یہ عمِّیشدّ ی کے بیٹے اخیعزر کا ہدیہ تھا۔

72 اور گیارھویں دِن عکرا ن کے بیٹے فجعی ایل نے جو آشر کے قبِیلہ کا سردار تھا اپنا ہدیہ گُذرانا۔

73 اور اُس کا ہدیہ یہ تھا ۔ مَقدِس کی مِثقال کے حِساب سے ایک سو تِیس مِثقال چاندی کا ایک طباق اور ستّر مِثقال چاندی کا ایک کٹورا ۔ اُن دونوں میں نذر کی قُربانی کے لِئے تیل مِلا ہُؤا مَیدہ بھرا تھا۔

74 دس مِثقال سونے کا ایک چمچ جو بخُور سے بھرا تھا۔

75 سوختنی قُربانی کے لِئے ایک بچھڑا ایک مینڈھا ایک نر یکسالہ بر ّہ۔

76 خطا کی قُربانی کے لِئے ایک بکرا۔

77 اور سلامتی کی قُربانی کے لِئے دو بَیل پانچ مینڈھے پانچ بکرے پانچ نر یکسالہ برّے ۔ یہ عکرا ن کے بیٹے فجعی ایل کا ہدیہ تھا۔

78 اور بارھویں دِن عینان کے بیٹےاخیرع نے جو بنی نفتالی کے قبِیلہ کا سردار تھا اپنا ہدیہ گُذرانا۔

79 اور اُس کا ہدیہ یہ تھا ۔ مَقدِس کی مِثقال کے حِساب سے ایک سَو تِیس مِثقال چاندی کا ایک طباق اور ستّر مِثقال چاندی کا ایک کٹورا ۔ اُن دونوں میں نذر کی قُربانی کے لِئے تیل مِلا ہُؤا مَیدہ بھرا تھا۔

80 دس مِثقال سونے کا ایک چمچ جو بخُور سے بھرا تھا۔

81 سوختنی قُربانی کے لِئے ایک بچھڑا ایک مینڈھا ایک نر یکسالہ بر ّہ۔

82 خطا کی قُربانی کے لِئے ایک بکرا۔

83 اور سلامتی کی قُربانی کے لِئے دو بَیل پانچ مینڈھے پانچ بکرے پانچ نر یکسالہ برّے ۔ یہ عینان کے بیٹے اخیر ع کا ہدیہ تھا۔

84 مذبح کے ممسُوح ہونے کے دِن جو ہدئے اُس کی تقدِیس کے لِئے اِسرائیلی رئِیسوں کی طرف سے گُذرانے گئے وہ یِہی تھے۔

یعنی چاندی کے بارہ طباق ۔ چاندی کے بارہ کٹورے ۔

سونے کے بارہ چمچ۔

85 چاندی کا ہر طباق وزن میں ایک سَو تِیس مِثقال اور ہر ایک کٹورا ستّر مِثقال تھا ۔ اِن برتنوں کی ساری چاندی مَقدِس کی مِثقال کے حِساب سے دو ہزار چار سَو مِثقال تھی۔

86 بخُور سے بھرے ہُوئے سونے کے بارہ چمچ جو مَقدِس کی مِثقال کی تول کے مُطابِق وزن میں دس دس مِثقال کے تھے ۔ اِن چمچوں کا سارا سونا ایک سَو بِیس مِثقال تھا۔

87 سوختنی قُربانی کے لِئے کُل بارہ بچھڑے بارہ مینڈھے بارہ نر یکسالہ برّے اپنی اپنی نذر کی قُربانی سمیت تھے اور خطا کی قُربانی کے لِئے بارہ بکرے تھے۔

88 اور سلامتی کی قُربانی کے لِئے کُل چوبِیس بَیل ۔ ساٹھ مینڈھے ۔ ساٹھ بکرے ساٹھ نر یکسالہ برّے تھے ۔ مذبح کی تقدِیس کے لِئے جب وہ ممسُوح ہُؤا اِتنا ہدیہ گُذرانا گیا۔

89 اور جب مُوسیٰ خُدا سے باتیں کرنے کو خَیمۂِ اِجتماع میں گیا تو اُس نے سرپوش پر سے جو شہادت کے صندُوق کے اُوپر تھا دونوں کرُّوبیوں کے درمِیان سے وہ آواز سُنی جو اُس سے مُخاطِب تھی اور اُس نے اُس سے باتیں کِیں۔

گِنتی 8

چراغوں کو رکھنے کا اَنداز

1 اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ۔

2 ہارُون سے کہہ جب تُو چراغوں کو رَوشن کرے تو ساتوں چراغوں کی رَوشنی شمعدان کے سامنے ہو۔

3 چُنانچہ ہارُون نے اَیسا ہی کِیا ۔ اُس نے چراغوں کو اِس طرح جلایا کہ شمعدان کے سامنے رَوشنی پڑے جَیسا خُداوند نے مُوسیٰ کو حُکم دِیا تھا۔

4 اور شمعدان کی بناوٹ اَیسی تھی کہ وہ پایہ سے لے کر پُھولوں تک گھڑے ہُوئے سونے کا بنا ہُؤا تھا ۔ جو نمُونہ خُداوند نے مُوسیٰ کو دِکھایا اُسی کے مُوافِق اُس نے شمعدان کو بنایا۔

لاویوں کو پاک کرنا اور مخصُوص کرنا

5 اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ۔

6 لاوِیوں کو بنی اِسرائیل سے الگ کر کے اُن کو پاک کر۔

7 اور اُن کو پاک کرنے کے لِئے اُن کے ساتھ یہ کرنا کہ خطا کا پانی لے کر اُن پر چِھڑکنا ۔ پِھر وہ اپنے سارے جِسم پر اُسترہ پِھروائیں اور اپنے کپڑے دھوئیں اور اپنے کو صاف کریں۔

8 تب وہ ایک بچھڑا اور اُس کے ساتھ کی نذر کی قُربانی کے لِئے تیل مِلا ہُؤا مَیدہ لیں اور تُو خطا کی قُربانی کے لِئے ایک دُوسرا بچھڑا بھی لینا۔

9 اور تُو لاوِیوں کو خَیمۂِ اِجتماع کے آگے حاضِر کرنا اور بنی اِسرائیل کی ساری جماعت کو جمع کرنا۔

10 پِھر لاوِیوں کو خُداوند کے آگے لانا ۔ تب بنی اِسرائیل اپنے اپنے ہاتھ لاوِیوں پر رکھّیں۔

11 اور ہارُون لاوِیوں کو بنی اِسرائیل کی طرف سے ہِلانے کی قُربانی کے لِئے خُداوند کے حضُور گُذرانے تاکہ وہ خُداوند کی خِدمت کرنے پر رہیں۔

12 پِھر لاوی اپنے اپنے ہاتھ بچھڑوں کے سروں پر رکھّیں اور تُو ایک کو خطا کی قُربانی اور دُوسرے کو سوختنی قُربانی کے لِئے خُداوند کے حضُور گُذراننا تاکہ لاوِیوں کے واسطے کفّارہ دِیا جائے۔

13 پِھر تُو لاوِیوں کو ہارُون اور اُس کے بیٹوں کے آگے کھڑا کرنا اور اُن کو ہِلانے کی قُربانی کے لِئے خُداوند کے حضُور گُذراننا۔

14 یُوں تُو لاوِیوں کو بنی اِسرائیل سے الگ کرنا اور لاوی میرے ہی ٹھہریں گے۔

15 اِس کے بعد لاوی خَیمۂِ اِجتماع کی خِدمت کے لِئے اندر آیا کریں ۔ سو تُو اُن کو پاک کر اور ہِلانے کی قُربانی کے لِئے اُن کو گُذران۔

16 اِس لِئے کہ وہ سب کے سب بنی اِسرائیل میں سے مُجھے بِالکُل دے دِئے گئے ہیں کیونکہ مَیں نے اِن ہی کو اُن سبھوں کے بدلے جو اِسرائیلِیوں میں پہلوٹھی کے بچّے ہیں اپنے واسطے لے لِیا ہے۔

17 اِس لِئے کہ بنی اِسرائیل کے سب پہلوٹھے کیا اِنسان کیا حَیوان میرے ہیں ۔ مَیں نے جِس دِن مُلکِ مِصر کے پہلوٹھوں کو مارا اُسی دِن اُن کو اپنے لِئے مُقدّس کِیا۔

18 اور بنی اِسرائیل کے سب پہلوٹھوں کے بدلے مَیں نے لاوِیوں کو لے لِیا ہے۔

19 اور مَیں نے بنی اِسرائیل میں سے لاوِیوں کو لے کر اُن کو ہارُون اور اُس کے بیٹوں کو عطا کِیا ہے تاکہ وہ خَیمۂِ اِجتماع میں بنی اِسرائیل کی جگہ خِدمت کریں اور بنی اِسرائیل کے لِئے کفّارہ دِیا کریں تاکہ جب بنی اِسرائیل مَقدِس کے نزدِیک آئیں تو اُن میں کوئی وبا نہ پَھیلے۔

20 چُنانچہ مُوسیٰ اور ہارُون اور بنی اِسرائیل کی ساری جماعت نے لاوِیوں سے اَیسا ہی کِیا ۔ جو کُچھ خُداوند نے لاوِیوں کے بارے میں مُوسیٰ کو حُکم دِیا تھا وَیسا ہی بنی اِسرائیل نے اُن کے ساتھ کِیا۔

21 اور لاوِیوں نے اپنے آپ کو گُناہ سے پاک کر کے اپنے کپڑے دھوئے اور ہارُون نے اُن کو ہِلانے کی قُربانی کے لِئے خُداوند کے حضُور گُذرانا اور ہارُون نے اُن کی طرف سے کفّارہ دِیا تاکہ وہ پاک ہو جائیں۔

22 اِس کے بعد لاوی اپنی خِدمت بجا لانے کو ہارُون اور اُس کے بیٹوں کے سامنے خَیمۂِ اِجتماع میں جانے لگے ۔ سو جَیسا خُداوند نے لاوِیوں کی بابت مُوسیٰ کو حُکم دِیا تھا اُنہوں نے وَیسا ہی اُن کے ساتھ کِیا۔

23 پِھر خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا۔

24 لاوِیوں کے مُتعلّق جو بات ہے وہ یہ ہے کہ پچّیس برس سے لے کر اُس سے اُوپر اُوپر کی عُمر میں وہ خَیمۂِ اِجتماع کی خِدمت کے کام کے لِئے اندر حاضِر ہُؤا کریں۔

25 اور جب پچاس برس کے ہوں تو پِھر اُس کام کے لِئے نہ آئیں اور نہ خِدمت کریں۔

26 بلکہ خَیمۂِ اِجتماع میں اپنے بھائیوں کے ساتھ نِگہبانی کے کام میں مشغُول ہوں اور کوئی خِدمت نہ کریں ۔ لاوِیوں کو جو جو کام سَونپے جائیں اُن کے مُتعلّق تُو اُن سے اَیسا ہی کرنا۔

گِنتی 9

دُوسری عِید ِ فَسح

1 بنی اِسرائیل کے مُلکِ مِصر سے نِکلنے کے دُوسرے برس کے پہلے مہِینے میں خُداوند نے دشتِ سِینا میں مُوسیٰ سے کہا کہ۔

2 بنی اِسرائیل عِیدِ فَسح اُس کے مُعیّن وقت پر منائیں۔

3 اِسی مہِینے کی چَودھویں تارِیخ کی شام کو تُم وقتِ مُعیّن پر یہ عِید منانا اور جِتنے اُس کے آئِین اور رسُوم ہیں اُن سبھوں کے مُطابِق اُسے منانا۔

4 سو مُوسیٰ نے بنی اِسرائیل کو حُکم کِیا کہ عِیدِ فَسح کریں۔

5 اور اُنہوں نے پہلے مہِینے کی چَودھویں تارِیخ کی شام کو دشتِ سِینا میں عِیدِ فَسح کی اور بنی اِسرائیل نے سب پر جو خُداوند نے مُوسیٰ کو حُکم دِیا تھا عمل کِیا۔

6 اور کئی آدمی اَیسے تھے جو کِسی لاش کے سبب سے ناپاک ہو گئے تھے ۔ وہ اُس روز فَسح نہ کر سکے ۔ سو وہ اُسی دِن مُوسیٰ اور ہارُون کے پاس آئے۔

7 اور مُوسیٰ سے کہنے لگے ہم ایک لاش کے سبب سے ناپاک ہو رہے ہیں ۔ پِھر بھی ہم اَور اِسرائیلِیوں کے ساتھ وقتِ مُعیّن پر خُداوند کی قُربانی گُذراننے سے کیوں روکے جائیں؟۔

8 مُوسیٰ نے اُن سے کہا ٹھہر جاؤ ۔ مَیں ذرا سُن لُوں کہ خُداوند تُمہارے حق میں کِیا حُکم کرتا ہے۔

9 اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا۔

10 بنی اِسرائیل سے کہہ کہ اگر کوئی تُم میں سے یا تُمہاری نسل میں سے کِسی لاش کے سبب سے ناپاک ہو جائے یا وہ کہِیں دُور سفر میں ہو تَو بھی وہ خُداوند کے لِئے عِیدِ فَسح کرے۔

11 وہ دُوسرے مہِینے کی چَودھویں تارِیخ کی شام کو یہ عِیدِ منائیں اور قُربانی کے گوشت کو بے خمِیری روٹیوں اور کڑوی ترکارِیوں کے ساتھ کھائیں۔

12 وہ اُس میں سے کُچھ بھی صُبح کے لِئے باقی نہ چھوڑیں اور نہ اُس کی کوئی ہڈّی توڑیں اور فَسح کو اُس کے سارے آئِین کے مُطابِق مانیں۔

13 لیکن جو آدمی پاک ہو اور سفر میں بھی نہ ہو اگر وہ فَسح کرنے سے باز رہے تو وہ آدمی اپنی قَوم میں سے کاٹ ڈالا جائے گا کیونکہ اُس نے مُعیّن وقت پر خُداوند کی قُربانی نہیں گُذرانی ۔ سو اُس آدمی کا گُناہ اُسی کے سر لگے گا۔

14 اور اگر کوئی پردیسی تُم میں بُود و باش کرتا ہو اور وہ خُداوند کے لِئے فَسح کرنا چاہے تو وہ فَسح کے آئِین اور رسُوم کے مُطابِق اُسے مانے ۔ تُم دیسی اور پردیسی دونوں کے لِئے ایک ہی آئِین رکھنا۔

آگ کا بادل

15 اور جِس دِن مسکن یعنی خَیمۂِ شہادت نصب ہُؤا اُسی دِن ابر اُس پر چھا گیا اور شام کو وہ مسکن پر آگ سا دِکھائی دِیا اور صُبح تک وَیسا ہی رہا۔

16 اور ہمیشہ اَیسا ہی ہُؤا کرتا تھا کہ ابر اُس پر چھایا رہتا اور رات کو آگ دِکھائی دیتی تھی۔

17 اور جب مسکن پر سے وہ ابر اُٹھ جاتا تو بنی اِسرائیل کُوچ کرتے تھے اور جِس جگہ وہ ابر جا کر ٹھہر جاتا وہِیں بنی اِسرائیل خَیمے لگاتے تھے۔

18 خُداوند کے حُکم سے بنی اِسرائیل کُوچ کرتے اور خُداوند ہی کے حُکم سے وہ خَیمے لگاتے تھے اور جب تک ابر مسکن پر ٹھہرا رہتا وہ اپنے ڈیرے ڈالے پڑے رہتے تھے۔

19 اور جب ابر مسکن پر بُہت دِنوں تک ٹھہرا رہتا تو بنی اِسرائیل خُداوند کے حُکم کو مانتے اور کُوچ نہیں کرتے تھے۔

20 اور کبھی کبھی وہ ابر چند دِنوں تک مسکن پر رہتا اور تب بھی وہ خُداوند کے حُکم سے ڈیرے ڈالے رہتے اور خُداوند ہی کے حُکم سے وہ کُوچ کرتے تھے۔

21 پِھر کبھی کبھی وہ ابر شام سے صُبح تک ہی رہتا تو جب وہ صُبح کو اُٹھ جاتا تب وہ کُوچ کرتے تھے اور اگر وہ رات دِن برابر رہتا تو جب وہ اُٹھ جاتا تب ہی وہ کُوچ کرتے تھے۔

22 اور جب تک وہ ابر مسکن پر ٹھہرا رہتا خواہ دو دِن یا ایک مہِینہ یا ایک برس ہو تب تک بنی اِسرائیل اپنے خَیموں میں مُقِیم رہتے اور کُوچ نہیں کرتے تھے پر جب وہ اُٹھ جاتا تو وہ کُوچ کرتے تھے۔

23 غرض وہ خُداوند کے حُکم سے مقام کرتے اور خُداوند ہی کے حُکم سے کُوچ کرتے تھے اور جو حُکم خُداوند مُوسیٰ کی معرفت دیتا وہ خُداوند کے اُس حُکم کو مانا کرتے تھے۔

گِنتی 10

چاندی کے نرسِنگے

1 اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ۔

2 اپنے لِئے چاندی کے دو نرسِنگے بنوا ۔ وہ دونوں گھڑ کر بنائے جائیں ۔ تُو اُن کو جماعت کے بُلانے اور لشکروں کے کُوچ کے لِئے کام میں لانا۔

3 اور جب وہ دونوں نرسِنگے پُھونکیں تو ساری جماعت خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر تیرے پاس اکٹّھی ہو جائے۔

4 اور اگر ایک ہی پُھونکیں تو وہ رئِیس جو ہزاروں اِسرائیلِیوں کے سردار ہیں تیرے پاس جمع ہوں۔

5 اور جب تُم سانس باندھ کر زور سے پُھونکو تو وہ لشکر جو مشرِق کی طرف ہیں کُوچ کریں۔

6 جب تُم دوبارہ سانس باندھ کر زور سے پُھونکو تو اُن لشکروں کا جو جنُوب کی طرف ہیں کُوچ ہو ۔ سو کُوچ کے لِئے سانس باندھ کر زور سے نرسِنگا پُھونکا کریں۔

7 لیکن جب جماعت کو جمع کرنا ہو تب بھی پُھونکنا پر سانس باندھ کر زور سے نہ پُھونکنا۔

8 اور ہارُون کے بیٹے جو کاہِن ہیں وہ نرسِنگے پُھونکا کریں ۔

یِہی آئِین سدا تُمہاری نسل در نسل قائِم رہے۔

9 اور جب تُم اپنے مُلک میں اَیسے دُشمن سے جو تُم کو ستاتا ہو لڑنے کو نِکلو تو تُم نرسِنگوں کو سانس باندھ کر زور سے پُھونکنا ۔ اِس حال میں خُداوند تُمہارے خُدا کے حضُور تُمہاری یاد ہو گی اور تُم اپنے دُشمنوں سے نجات پاؤ گے۔

10 اور تُم اپنی خُوشی کے دِن اور اپنی مُقرّرہ عِیدوں کے دِن اور اپنے مہِینوں کے شرُوع میں اپنی سوختنی قُربانیوں اور سلامتی کی قُربانیوں کے وقت نرسِنگے پُھونکنا تاکہ اُن سے تُمہارے خُدا کے حضُور تُمہاری یادگاری ہو ۔ مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں۔

اِسرائیلی خَیمے اُٹھاتے ہیں

11 اور دُوسرے سال کے دُوسرے مہِینے کی بِیسوِیں تارِیخ کو وہ ابر شہادت کے مسکن پر سے اُٹھ گیا۔

12 تب بنی اِسرائیل دشتِ سِینا سے کُوچ کر کے نِکلے اور وہ ابر دشتِ فاران میں ٹھہر گیا۔

13 سو خُداوند کے اُس حُکم کے مُطابِق جو اُس نے مُوسیٰ کی معرفت دِیا تھا اُن کا پہلا کُوچ ہُؤا۔

14 اور سب سے پہلے بنی یہُودا ہ کے لشکر کا جھنڈا روانہ ہُؤا اور وہ اپنے دَلوں کے مُطابِق چلے ۔ اُن کے لشکر کا سردار عمِّینداب کا بیٹا نحسو ن تھا۔

15 اور اِشکار کے قبِیلہ کے لشکر کا سردار ضُغر کا بیٹا نتنی ایل تھا۔

16 اور زبُولُون کے قبِیلہ کے لشکر کا سردار حیلو ن کا بیٹا الِیاب تھا۔

17 پِھر مسکن اُتارا گیا اور بنی جَیرسون اور بنی مراری جو مسکن کو اُٹھاتے تھے روانہ ہُوئے۔

18 پِھر رُوبن کے لشکر کا جھنڈا آگے بڑھا اور وہ اپنے دَلوں کے مُطابِق چلے ۔ شِدےُور کا بیٹا الِیصُور اُن کے لشکر کا سردار تھا۔

19 اور شمعُو ن کے قبِیلہ کے لشکر کا سردار صُور ی شدّی کا بیٹا سلُو می ایل تھا۔

20 اور جد کے قبِیلہ کے لشکر کا سردار دعُوایل کا بیٹا اِلیاسف تھا۔

21 پِھر قہاتیوں نے جو مَقدِس کو اُٹھاتے تھے کُوچ کِیا اور اُن کے پُہنچنے تک مسکن کھڑا کر دِیا جاتا تھا۔

22 پِھر بنی افرائِیم کے لشکر کا جھنڈا نِکلا اور وہ اپنے دَلوں کے مُطابِق چلے ۔ اُن کے لشکر کا سردارعمِّیہُود کا بیٹا الِیسمع تھا۔

23 اور منسّی کے قبِیلہ کے لشکر کا سردار فدا ہصور کا بیٹا جَملی ایل تھا۔

24 اور بنیمِین کے قبِیلہ کے لشکر کا سردار جِدعُو نی کا بیٹا اَبِدان تھا۔

25 اور بنی دان کے لشکر کا جھنڈا اُن کے سب لشکروں کے پِیچھے پِیچھے روانہ ہُؤا اور وہ اپنے دَلوں کے مُطابِق چلے ۔ اُن کے لشکر کا سردارعمِّیشدّی کا بیٹا اخیعزر تھا۔

26 اور آشر کے قبِیلہ کے لشکر کا سردار عکران کا بیٹا فجعی ایل تھا۔

27 اور نفتالی کے قبِیلہ کے لشکر کا سردار عینا ن کا بیٹا اخِیر ع تھا۔

28 سو بنی اِسرائیل اِسی طرح اپنے دَلوں کے مُطابِق کُوچ کرتے اور آگے روانہ ہوتے تھے۔

29 سو مُوسیٰ نے اپنے خُسر رعُوایل مِدیانی کے بیٹے حوباب سے کہا کہ ہم اُس جگہ جا رہے ہیں جِس کی بابت خُداوند نے کہا ہے کہ مَیں اُسے تُم کو دُوں گا ۔ سو تُو بھی ساتھ چل اور ہم تیرے ساتھ نیکی کریں گے کیونکہ خُداوند نے بنی اِسرائیل سے نیکی کا وعدہ کِیا ہے۔

30 اُس نے اُسے جواب دِیا کہ مَیں نہیں چلتا بلکہ مَیں اپنے وطن کو اور اپنے رِشتہ داروں میں لَوٹ کر جاؤُں گا۔

31 تب مُوسیٰ نے کہا کہ ہم کو چھوڑ مت کیونکہ یہ تُجھ کو معلُوم ہے کہ ہم کو بیابان میں کِس طرح خَیمہ زن ہونا چاہئے ۔ سو تُو ہمارے لِئے آنکھوں کا کام دے گا۔

32 اور اگر تُو ہمارے ساتھ چلے تو اِتنی بات ضرُور ہو گی کہ جو نیکی خُداوند ہم سے کرے وُہی ہم تُجھ سے کریں گے۔

لوگ روانہ ہوتے ہیں

33 پِھر وہ خُداوند کے پہاڑ سے سفر کر کے تِین دِن کی راہ چلے اور تِینوں دِن کے سفر میں خُداوند کے عہد کا صندُوق اُن کے لِئے آرامگاہ تلاش کرتا ہُؤا اُن کے آگے آگے چلتا رہا۔

34 اور جب وہ لشکرگاہ سے کُوچ کرتے تو خُداوند کا ابر دِن بھر اُن کے اُوپر چھایا رہتا تھا۔

35 اور صندُوق کے کُوچ کے وقت مُوسیٰ یہ کہا کرتا اُٹھ اَے خُداوند تیرے دُشمن پراگندہ ہو جائیں اور جو تُجھ سے کِینہ رکھتے ہیں وہ تیرے آگے سے بھاگیں۔

36 اور جب وہ ٹھہر جاتا تو وہ یہ کہتا تھا کہ اَے خُداوند ہزاروں ہزار اِسرائیلِیوں میں لَوٹ کر آ جا۔

گِنتی 11

اِس جگہ کا نام تبعیرہ رکھّا گیا

1 پِھر وہ لوگ کُڑکُڑانے اور خُداوند کے سُنتے بُرا کہنے لگے ۔ چُنانچہ خُداوند نے سُنا اور اُس کا غضب بھڑکا اور خُداوند کی آگ اُن کے درمِیان جل اُٹھی اور لشکر گاہ کو ایک کنارے سے بھسم کرنے لگی۔

2 تب لوگوں نے مُوسیٰ سے فریاد کی اور مُوسیٰ نے خُداوند سے دُعا کی تو آگ بُجھ گئی۔

3 اور اُس جگہ کا نام تبعیر ہ پڑا کیونکہ خُداوند کی آگ اُن میں جل اُٹھی تھی۔

مُوسیٰ ستّر بزُرگ چُنتا ہے

4 اور جو مِلی جُلی بِھیڑ اِن لوگوں میں تھی وہ طرح طرح کی حِرص کرنے لگی اور بنی اِسرائیل بھی پِھر رونے اور کہنے لگے کہ ہم کو کَون گوشت کھانے کو دے گا؟۔

5 ہم کو وہ مچھلی یاد آتی ہے جو ہم مِصر میں مُفت کھاتے تھے اور ہائے وہ کھیرے اور وہ خربُوزے اور وہ گندنے اور پیاز اور لہسن۔

6 لیکن اب تو ہماری جان خُشک ہو گئی ۔ یہاں کوئی چیز مُیسّر نہیں اور مَنّ کے سِوا ہم کو اَور کُچھ دِکھائی نہیں دیتا۔

7 اور مَنّ دھنئے کی مانِند تھا اور اَیسا نظر آتا تھا جَیسے موتی۔

8 لوگ اِدھر اُدھر جا کر اُسے جمع کرتے اور اُسے چکّی میں پِیستے یا اُکھلی میں کُوٹ لیتے تھے ۔ پِھر اُسے ہانڈیوں میں اُبال کر روٹیاں بناتے تھے ۔ اُس کا مزہ تازہ تیل کا سا تھا۔

9 اور رات کو جب لشکر گاہ میں اوس پڑتی تو اُس کے ساتھ مَنّ بھی گِرتا تھا۔

10 اور مُوسیٰ نے سب گھرانوں کے آدمِیوں کو اپنے اپنے ڈیرے کے دروازہ پر روتے سُنا اور خُداوند کا قہر نِہایت بھڑکا اور مُوسیٰ نے بھی بُرا مانا۔

11 تب مُوسیٰ نے خُداوند سے کہا کہ تُو نے اپنے خادِم سے یہ سخت برتاؤ کیوں کِیا؟ اور مُجھ پر تیرے کرم کی نظر کیوں نہیں ہُوئی جو تُو اِن سب لوگوں کا بوجھ مُجھ پر ڈالتا ہے؟۔

12 کیا یہ سب لوگ میرے پیٹ میں پڑے تھے؟ کیا یہ مُجھ ہی سے پَیدا ہُوئے تھے جو تُو مُجھے کہتا ہے کہ جِس طرح سے باپ دُودھ پِیتے بچّہ کواُٹھائے اُٹھائے پِھرتا ہے اُسی طرح مَیں اِن لوگوں کو اپنی گود میں اُٹھا کر اُس مُلک میں لے جاؤُں جِس کے دینے کی قَسم تُو نے اُن کے باپ دادا سے کھائی ہے؟۔

13 مَیں اِن سب لوگوں کو کہاں سے گوشت لا کر دُوں؟ کیونکہ وہ یہ کہہ کہہ کر میرے سامنے روتے ہیں کہ ہم کو گوشت کھانے کو دے۔

14 مَیں اکیلا اِن سب لوگوں کو نہیں سنبھال سکتا کیونکہ یہ میری طاقت سے باہر ہے۔

15 اور جو تُجھے میرے ساتھ یِہی برتاؤ کرنا ہے تو میرے اُوپر اگر تیرے کرم کی نظر ہُوئی ہے تو مُجھے یک لخت جان سے مار ڈال تاکہ مَیں اپنی بُری گت دیکھنے نہ پاؤُں۔

16 خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ بنی اِسرائیل کے بزُرگوں میں سے ستّر مَرد جِن کو تُو جانتا ہے کہ قَوم کے بزُرگ اور اُن کے سردار ہیں میرے حضُور جمع کر اور اُن کو خَیمۂِ اِجتماع کے پاس لے آتاکہ وہ تیرے ساتھ وہاں کھڑے ہوں۔

17 اور مَیں اُتر کر تیرے ساتھ وہاں باتیں کرُوں گا اور مَیں اُس رُوح میں سے جو تُجھ میں ہے کُچھ لے کر اُن میں ڈال دُوں گا کہ وہ تیرے ساتھ قَوم کا بوجھ اُٹھائیں تاکہ تُو اُسے اکیلا نہ اُٹھائے۔

18 اور لوگوں سے کہہ کہ کل کے لِئے اپنے کو پاک کر رکھّو تو تُم گوشت کھاؤ گے کیونکہ تُم خُداوند کے سُنتے ہُوئے یہ کہہ کہہ کر روئے ہو کہ ہم کو کَون گوشت کھانے کو دے گا؟ ہم تو مِصر ہی میں مَوج سے تھے ۔ سو خُداوند تُم کو گوشت دے گا اور تُم کھانا۔

19 اور تُم ایک یا دو دِن نہیں اور نہ پانچ یا دس یا بِیس دِن۔

20 بلکہ ایک مہِینہ کامِل اُسے کھاتے رہو گے جب تک وہ تُمہارے نتھنوں سے نِکلنے نہ لگے اور تُم اُس سے گِھن نہ کھانے لگو کیونکہ تُم نے خُداوند کو جو تُمہارے درمِیان ہے ترک کِیا اور اُس کے سامنے یہ کہہ کہہ کر روئے ہو کہ ہم مِصر سے کیوں نِکل آئے؟۔

21 پِھر مُوسیٰ کہنے لگا کہ جِن لوگوں میں مَیں ہُوں اُن میں چھ لاکھ تو پیادے ہی ہیں اور تُو نے کہا ہے کہ مَیں اُن کو اِتنا گوشت دُوں گا کہ وہ مہِینہ بھر اُسے کھاتے رہیں گے۔

22 سو کیا بھیڑ بکریوں کے یہ ریوڑ اور گائے بَیلوں کے جُھنڈ اُن کی خاطِر ذبح ہوں کہ اُن کے لِئے بس ہو؟ یا سمُندر کی سب مچھلِیاں اُن کی خاطِر اِکٹّھی کی جائیں کہ اُن سب کے لِئے کافی ہو؟۔

23 خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کیا خُداوند کا ہاتھ چھوٹا ہو گیا ہے؟ اب تُو دیکھ لے گا کہ جو مَیں نے تُجھ سے کہا ہے وہ پُورا ہوتا ہے یا نہیں۔

24 تب مُوسیٰ نے باہِر جا کر خُداوند کی باتیں اُن لوگوں کو کہہ سُنائِیں اور قَوم کے بزُرگوں میں سے ستّر شخص اِکٹّھے کر کے اُن کو خَیمہ کے گِردا گِرد کھڑا کر دِیا۔

25 تب خُداوند ابر میں ہو کر اُترا اور اُس نے مُوسیٰ سے باتیں کِیں اور اُس رُوح میں سے جو اُس میں تھی کُچھ لے کر اُسے اُن ستّر بزُرگوں میں ڈالا ۔ چُنانچہ جب رُوح اُن میں آئی تو وہ نبُوّت کرنے لگے لیکن بعد میں پِھر کبھی نہ کی۔

26 پر اُن میں سے دو شخص لشکرگاہ ہی میں رہ گئے ۔ ایک کا نام اِلداد اور دُوسرے کا میداد تھا ۔ اُن میں بھی رُوح آئی ۔ یہ بھی اُن ہی میں سے تھے جِن کے نام لِکھ لِئے گئے تھے پر یہ خَیمہ کے پاس نہ گئے اور لشکرگاہ ہی میں نبُوّت کرنے لگے۔

27 تب کِسی جوان نے دَوڑ کر مُوسیٰ کو خبر دی اور کہنے لگا کہ اِلداد اور میداد لشکرگاہ میں نبُوّت کر رہے ہیں۔

28 سو مُوسیٰ کے خادِم نُون کے بیٹے یشُوع نے جو اُس کے چُنے ہُوئے جوانوں میں سے تھا مُوسیٰ سے کہا اَے میرے مالِک مُوسیٰ ! تُو اُن کو روک دے۔

29 مُوسیٰ نے اُسے کہا کیا تُجھے میری خاطِر رشک آتا ہے؟ کاش خُداوند کے سب لوگ نبی ہوتے اور خُداوند اپنی رُوح اُن سب میں ڈالتا۔

30 پِھر مُوسیٰ اور وہ اِسرائیلی بزُرگ لشکرگاہ میں گئے۔

خُداوند بٹیریں بھیجتا ہے

31 اور خُداوند کی طرف سے ایک آندھی چلی اور سمُندر سے بٹیریں اُڑا لائی اور اُن کو لشکرگاہ کے برابر اور اُس کے گِردا گِرد ایک دِن کی راہ تک اِس طرف اور ایک ہی دِن کی راہ تک دُوسری طرف زمِین سے قرِیباً دو دو ہاتھ اُوپر ڈال دِیا۔

32 اور لوگوں نے اُٹھ کر اُس سارے دِن اور اُس ساری رات اور اُس کے دُوسرے دِن بھی بٹیریں جمع کِیں اور جِس نے کم سے کم جمع کی تِھیں اُس کے پاس بھی دس خومر کے برابر جمع ہو گئِیں اور اُنہوں نے اپنے لِئے لشکرگاہ کی چاروں طرف اُن کو پَھیلا دِیا۔

33 اور اُن کا گوشت اُنہوں نے دانتوں سے کاٹا ہی تھا اور اُسے چبانے بھی نہیں پائے تھے کہ خُداوند کا قہر اُن لوگوں پر بھڑک اُٹھا اور خُداوند نے اُن لوگوں کو بڑی سخت وبا سے مارا۔

34 سو اُس مقام کا نام قِبروت ہَتّاوہ رکھّا گیا کیونکہ اُنہوں نے اُن لوگوں کو جنہوں نے حِرص کی تھی وہیں دفن کِیا۔

35 اور وہ لوگ قِبروت ہَتّاوہ سے سفر کر کے حصیرا ت کو گئے اور وہِیں حصیرا ت میں رہنے لگے۔

گِنتی 12

مریم کو سزا مِلتی ہے

1 اور مُوسیٰ نے ایک کُو شی عَورت سے بیاہ کر لِیا ۔ سو اُس کُو شی عَورت کے سبب سے جِسے مُوسیٰ نے بیاہ لِیا تھا مریم اور ہارُون اُس کی بدگوئی کرنے لگے۔

2 وہ کہنے لگے کہ کیا خُداوند نے فقط مُوسیٰ ہی سے باتیں کی ہیں؟ کیا اُس نے ہم سے بھی باتیں نہیں کِیں؟ اور خُداوند نے یہ سُنا۔

3 اور مُوسیٰ تو رُویِ زمِین کے سب آدمِیوں سے زِیادہ حلِیم تھا۔

4 سو خُداوند نے ناگہان مُوسیٰ اور ہارُون اور مریم سے کہا کہ تُم تِینوں نِکل کر خَیمۂِ اِجتماع کے پاس حاضِر ہو ۔ سو وہ تِینوں وہاں آئے۔

5 اور خُداوند ابر کے سُتُون میں ہو کر اُترا اور خَیمہ کے دروازہ پر کھڑے ہو کر ہارُون اور مریم کو بُلایا ۔ وہ دونوں پاس گئے۔

6 تب اُس نے کہا میری باتیں سُنو ۔ اگر تُم میں کوئی نبی ہو تو مَیں جو خُداوند ہُوں اُسے رویا میں دِکھائی دُوں گا اور خواب میں اُس سے باتیں کرُوں گا۔

7 پر میرا خادِم مُوسیٰ اَیسا نہیں ہے ۔ وہ میرے سارے خاندان میں امانت دار ہے۔

8 مَیں اُس سے مُعمّوں میں نہیں بلکہ رُوبرُو اور صرِیح طَور پر باتیں کرتا ہُوں اور اُسے خُداوند کا دِیدار بھی نصِیب ہوتا ہے ۔ سو تُم کو میرے خادِم مُوسیٰ کی بدگوئی کرتے خَوف کیوں نہ آیا؟۔

9 اور خُداوند کا غضب اُن پر بھڑکا اور وہ چلا گیا۔

10 اور ابر خَیمہ کے اُوپر سے ہٹ گیا اور مر یم کوڑھ سے برف کی مانِند سفید ہو گئی اور ہارُون نے جو مریم کی طرف نظر کی تو دیکھا کہ وہ کوڑھی ہو گئی ہے۔

11 تب ہارُون مُوسیٰ سے کہنے لگا ہائے میرے مالِک! اِس گُناہ کو ہمارے سر نہ لگا کیونکہ ہم سے نادانی ہُوئی اور ہم نے خطا کی۔

12 اور مر یم کو اُس مَرے ہُوئے کی طرح نہ رہنے دے جِس کا جِسم اُس کی پَیدایش ہی کے وقت آدھا گلا ہُؤا ہوتا ہے۔

13 تب مُوسیٰ خُداوند سے فریاد کرنے لگا کہ اَے خُدا! مَیں تیری مِنّت کرتا ہُوں اُسے شِفا دے۔

14 اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ اگر اُس کے باپ نے اُس کے مُنہ پر فقط تُھوکا ہی ہوتا تو کیا سات دِن تک وہ شرمِندہ نہ رہتی؟ سو وہ سات دِن تک لشکرگاہ کے باہر بند رہے ۔ اِس کے بعد وہ پِھر اندر آنے پائے۔

15 چُنانچہ مریم سات دِن تک لشکرگاہ کے باہر بند رہی اور لوگوں نے جب تک وہ اندر آنے نہ پائی کُوچ نہ کِیا۔

16 اِس کے بعد وہ لوگ حصیرات سے روانہ ہُوئے اور دشتِ فاران میں پُہنچ کر اُنہوں نے ڈیرے ڈالے۔

گِنتی 13

جاسُوس

1 اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ۔

2 تُو آدمِیوں کو بھیج کہ وہ مُلکِ کنعا ن کا جو مَیں بنی اِسرائیل کو دیتا ہُوں حال دریافت کریں ۔ اُن کے باپ دادا کے ہر قبِیلہ سے ایک آدمی بھیجنا جو اُن کے ہاں کا رئِیس ہو۔

3 چُنانچہ مُوسیٰ نے خُداوند کے اِرشاد کے مُوافِق دشتِ فاران سے اَیسے آدمی روانہ کِئے جو بنی اِسرائیل کے سردار تھے۔

4 اُن کے یہ نام تھے ۔

رُوبن کے قبِیلہ سے زکُور کا بیٹا سَمّو عَ۔

5 اور شمعُو ن کے قبِیلہ سے حور ی کا بیٹا سافط۔

6 اور یہُوداہ کے قبِیلہ سے یفُنّہ کا بیٹا کالِب۔

7 اور اِشکار کے قبِیلہ سے یُوسف کا بیٹا اِجال۔

8 اور افرائِیم کے قبِیلہ سے نُون کا بیٹا ہوسِیع۔

9 اور بنیمِین کے قبِیلہ سے رفُو کا بیٹا فَلتی۔

10 اور زبُولُون کے قبِیلہ سے سود ی کا بیٹا جدّی ایل۔

11 اور یُوسف کے قبِیلہ یعنی منسّی کے قبِیلہ سے سُوسی

کا بیٹا جدّ ی۔

12 اور دان کے قبِیلہ سے جملّی کا بیٹا عَمی ایل۔

13 اور آشر کے قبِیلہ سے مِیکاا یل کا بیٹا ستُور۔

14 اور نفتالی کے قبِیلہ سے وُفسی کا بیٹا نخبی۔

15 اور جد کے قبِیلہ سے ماکی کا بیٹا جیُوایل۔

16 یِہی اُن لوگوں کے نام ہیں جِن کو مُوسیٰ نے مُلک کا حا ل دریافت کرنے کو بھیجا تھا اور نُون کے بیٹے ہوسِیع کا نام مُوسیٰ نے یشُوع رکھّا۔

17 اور مُوسیٰ نے اُن کو روانہ کِیا تاکہ مُلکِ کنعا ن کا حال دریافت کریں اور اُن سے کہا کہ تُم اِدھر جنُوب کی طرف سے جا کر پہاڑوں میں چلے جانا۔

18 اور دیکھنا کہ وہ مُلک کَیسا ہے اور جو لوگ وہاں بسے ہُوئے ہیں وہ کَیسے ہیں ۔ زورآور ہیں یا کمزور اور تھوڑے سے ہیں یا بُہت۔

19 اور جِس مُلک میں وہ آباد ہیں وہ کَیسا ہے ۔ اچھّا ہے یا بُرا اور جِن شہروں میں وہ رہتے ہیں وہ کَیسے ہیں ۔ آیا وہ خَیموں میں رہتے ہیں یا قلعوں میں۔

20 اور وہاں کی زمِین کَیسی ہے زرخیز ہے یا بنجر اور اُس میں درخت ہیں یا نہیں ۔ تُمہاری ہِمّت بندھی رہے اور تُم اُس مُلک کا کُچھ پَھل لیتے آنا اور وہ موسم انگُور کی پہلی فصل کا تھا۔

21 سو وہ روانہ ہُوئے اور دشتِ صِین سے رحوب تک جو حَمات کے راستہ میں ہے مُلک کو خُوب دیکھا بھالا۔

22 اور وہ جنُوب کی طرف سے ہوتے ہُوئے حبُرون تک گئے جہاں عناق کے بیٹے اخیمان اورسِیسی اور تلمَی رہتے تھے (اور حبُرون ضُعن سے جو مِصر میں ہے سات برس آگے بسا تھا)۔

23 اور وہ وادیِ اِسکال میں پُہنچے ۔ وہاں سے اُنہوں نے انگُور کی ایک ڈالی کاٹ لی جِس میں ایک ہی گُچّھا تھا اور جِسے دو آدمی ایک لاٹھی پر لٹکائے ہُوئے لے کر گئے اور وہ کُچھ انار اور انجِیر بھی لائے۔

24 اُسی گُچّھے کے سبب سے جِسے اِسرائیلِیوں نے وہاں سے کاٹا تھا اُس جگہ کا نام وادیِ اِسکال پڑ گیا۔

25 اور چالِیس دِن کے بعد وہ اُس مُلک کا حال دریافت کر کے لَوٹے۔

26 اور وہ چلے اور مُوسیٰ اور ہارُون اور بنی اِسرائیل کی ساری جماعت کے پاس دشتِ فاران کے قادِس میں آئے اور اُن کو اور ساری جماعت کو سب کَیفِیّت سُنائی اور اُس مُلک کا پَھل اُن کو دِکھایا۔

27 اور مُوسیٰ سے کہنے لگے کہ جِس مُلک میں تُو نے ہم کو بھیجا تھا ہم وہاں گئے اور واقِعی دُودھ اور شہد اُس میں بہتا ہے اور یہ وہاں کا پَھل ہے۔

28 لیکن جو لوگ وہاں بسے ہُوئے ہیں وہ زورآور ہیں اور اُن کے شہر بڑے بڑے اور فصِیل دار ہیں اور ہم نے بنی عناق کو بھی وہاں دیکھا۔

29 اُس مُلک کے جنُوبی حِصّہ میں تو عَمالیقی آباد ہیں اور حِتّی اور یبُوسی اور امُوری پہاڑوں پر رہتے ہیں اور سمُندر کے ساحِل پر اور یَردن کے کنارے کنارے کنعانی بسے ہُوئے ہیں۔

30 تب کالِب نے مُوسیٰ کے سامنے لوگوں کو چُپ کرایا اور کہا کہ چلو ہم ایک دَم جا کر اُس پر قبضہ کریں کیونکہ ہم اِس قابِل ہیں کہ اُس پر تصرُّف کر لیں۔

31 لیکن جو اَور آدمی اُس کے ساتھ گئے تھے وہ کہنے لگے کہ ہم اِس لائِق نہیں ہیں کہ اُن لوگوں پر حملہ کریں کیونکہ وہ ہم سے زِیادہ زورآور ہیں۔

32 اِن آدمِیوں نے بنی اِسرائیل کو اُس مُلک کی جِسے وہ دیکھنے گئے تھے بُری خبر دی اور یہ کہا کہ وہ مُلک جِس کا حال دریافت کرنے کو ہم اُس میں سے گُذرے ایک اَیسا مُلک ہے جو اپنے باشِندوں کو کھا جاتا ہے اور وہاں جِتنے آدمی ہم نے دیکھے وہ سب بڑے قدآور ہیں۔

33 اور ہم نے وہاں بنی عَناق کو بھی دیکھا جو جبّار ہیں اور جبّاروں کی نسل سے ہیں اور ہم تو اپنی ہی نِگاہ میں اَیسے تھے جَیسے ٹِڈّے ہوتے ہیں اور اَیسے ہی اُن کی نِگاہ میں تھے۔

گِنتی 14

لوگ بُڑبُڑاتے ہیں

1 تب ساری جماعت زور زور سے چِیخنے لگی اور وہ لوگ اُس رات روتے ہی رہے۔

2 اور کُل بنی اِسرائیل مُوسیٰ اور ہارُون کی شِکایت کرنے لگے اور ساری جماعت اُن سے کہنے لگی ہائے کاش ہم مِصر ہی میں مَر جاتے! یا کاش اِس بیابان ہی میں مَرتے!۔

3 خُداوند کیوں ہم کو اُس مُلک میں لے جا کر تلوار سے قتل کرانا چاہتا ہے؟ پِھر تو ہماری بیویاں اور بال بچّے لُوٹ کا مال ٹھہریں گے ۔ کیا ہمارے لِئے بِہتر نہ ہو گا کہ ہم مِصر کو واپس چلے جائیں؟۔

4 پِھر وہ آپس میں کہنے لگے آؤ ہم کِسی کو اپنا سردار بنا لیں اور مِصر کو لَوٹ چلیں۔

5 تب مُوسیٰ اور ہارُون بنی اِسرائیل کی ساری جماعت کے سامنے اَوندھے مُنہ ہو گئے۔

6 اور نُون کا بیٹا یشُوع اور یفُنّہ کا بیٹا کالِب جو اُس مُلک کا حال دریافت کرنے والوں میں سے تھے اپنے اپنے کپڑے پھاڑ کر۔

7 بنی اِسرائیل کی ساری جماعت سے کہنے لگے کہ وہ مُلک جِس کا حال دریافت کرنے کو ہم اُس میں سے گُذرے نِہایت اچھّا مُلک ہے۔

8 اگر خُدا ہم سے راضی رہے تو وہ ہم کو اُس مُلک میں پُہنچائے گا اور وُہی مُلک جِس میں دُودھ اور شہد بہتا ہے ہم کو دے گا۔

9 فقط اِتنا ہو کہ تُم خُداوند سے بغاوت نہ کرو اور نہ اُس مُلک کے لوگوں سے ڈرو ۔ وہ تو ہماری خُوراک ہیں ۔ اُن کی پناہ اُن کے سر پر سے جاتی رہی ہے اور ہمارے ساتھ خُداوند ہے ۔ سو اُن کا خَوف نہ کرو۔

10 تب ساری جماعت بول اُٹھی کہ اِن کو سنگسار کرو ۔ اُس وقت خَیمۂِ اِجتماع میں سب بنی اِسرائیل کے سامنے خُداوند کا جلال نُمایاں ہُؤا۔

مُوسیٰ لوگوں کے لِئے درخواست کرتا ہے

11 اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ یہ لوگ کب تک میری توہِین کرتے رہیں گے؟ اور باوجُود اُن سب مُعجِزوں کے جو مَیں نے اِن کے درمِیان کِئے ہیں کب تک مُجھ پر اِیمان نہیں لائیں گے؟۔

12 مَیں اِن کو وبا سے مارُوں گااور مِیراث سے خارِج کرُوں گا اور تُجھے ایک اَیسی قَوم بناؤُں گا جو اِن سے کہِیں بڑی اور زِیادہ زورآور ہو۔

13 مُوسیٰ نے خُداوند سے کہا تب تو مِصری جِن کے بِیچ سے تُو اِن لوگوں کو اپنے زورِ بازُو سے نِکال لے آیا یہ سُنیں گے۔

14 اور اُسے اِس مُلک کے باشِندوں کو بتائیں گے ۔ اُنہوں نے سُنا ہے کہ تُو جو خُداوند ہے اِن لوگوں کے درمِیان رہتا ہے کیونکہ تُو اَے خُداوند! صرِیح طَور پر دِکھائی دیتا ہے اور تیرا ابر اِن پر سایہ کِئے رہتا ہے اور تُو دِن کو ابر کے سُتُون میں اور رات کو آگ کے سُتُون میں ہو کر اِن کے آگے آگے چلتا ہے۔

15 پس اگر تُو اِس قَوم کو ایک اکیلے آدمی کی طرح جان سے مار ڈالے تو وہ قَومیں جِنہوں نے تیری شُہرت سُنی ہے کہیں گی۔

16 کہ چُونکہ خُداوند اِس قَوم کو اُس مُلک میں جِسے اُس نے اِن کو دینے کی قَسم کھائی تھی پُہنچا نہ سکا اِس لِئے اُس نے اِن کو بیابان میں ہلاک کر دِیا۔

17 سو خُداوند کی قُدرت کی عظمت تیرے ہی اِس قَول کے مُطابِق ظاہِر ہو۔

18 کہ خُداوند قہر کرنے میں دِھیما اور شفقت میں غنی ہے ۔ وہ گُناہ اور خطا کو بخش دیتا ہے لیکن مُجرِم کو ہرگِز بری نہیں کرے گا کیونکہ وہ باپ دادا کے گُناہ کی سزا اُن کی اَولاد کو تِیسری اور چَوتھی پُشت تک دیتا ہے۔

19 سو تُو اپنی رحمت کی فراوانی سے اِس اُمّت کا گُناہ جَیسے تُو مِصر سے لے کر یہاں تک اِن لوگوں کو مُعاف کرتا رہا ہے اب بھی مُعاف کر دے۔

20 خُداوند نے کہا مَیں نے تیری درخواست کے مُطابِق مُعاف کِیا۔

21 لیکن مُجھے اپنی حیات کی قَسم اور خُداوند کے جلال کی قَسم جِس سے ساری زمِین معمُور ہو گی۔

22 چُونکہ اُن سب لوگوں نے جِنہوں نے باوجُود میرے جلال کے دیکھنے کے اور باوجُود اُن مُعجِزوں کے جو مَیں نے مِصر میں اور اِس بیابان میں دِکھائے پِھر بھی دس بار مُجھے آزمایا اور میری بات نہیں مانی۔

23 اِس لِئے وہ اُس مُلک کو جِس کے دینے کی قَسم مَیں نے اُن کے باپ دادا سے کھائی تھی دیکھنے بھی نہ پائیں گے اورجِنہوں نے میری توہِین کی ہے اُن میں سے بھی کوئی اُسے دیکھنے نہیں پائے گا۔

24 پر اِس لِئے کہ میرے بندہ کالِب کی کُچھ اَور ہی طبِیعت تھی اور اُس نے میری پُوری پَیروی کی ہے مَیں اُس کو اُس مُلک میں جہاں وہ ہو آیا ہے پُہنچاؤُں گا اور اُس کی اَولاد اُس کی وارِث ہو گی۔

25 اور وادی میں تو عَمالیقی اور کنعانی بسے ہُوئے ہیں ۔ سو کل تُم گُھوم کر اُس راستہ سے جو بحرِ قُلز م کو جاتا ہے بیابان میں داخِل ہو جاؤ۔

خُداوند لوگوں کو بُڑبُڑانے کی سزا دیتا ہے

26 اور خُداوند نے مُوسیٰ اور ہارُون سے کہا۔

27 مَیں کب تک اِس خبِیث گُروہ کی جو میری شِکایت کرتی رہتی ہے برداشت کرُوں؟ بنی اِسرائیل جو میرے برخِلاف شِکایتیں کرتے رہتے ہیں مَیں نے وہ سب شِکایتیں سُنی ہیں۔

28 سو تُم اُن سے کہہ دو خُداوند کہتا ہے مُجھے اپنی حیات کی قَسم ہے کہ جَیسا تُم نے میرے سُنتے کہا ہے مَیں تُم سے ضرُور وَیسا ہی کرُوں گا۔

29 تُمہاری لاشیں اِسی بیابان میں پڑی رہیں گی اور تُمہاری ساری تعداد میں سے یعنی بِیس برس سے لے کر اُس سے اُوپر اُوپر کی عُمر کے تُم سب جِتنے گِنے گئے اور مُجھ پر شِکایت کرتے رہے۔

30 اِن میں سے کوئی اُس مُلک میں جِس کی بابت مَیں نے قَسم کھائی تھی کہ تُم کو وہاں بساؤُں گا جانے نہ پائے گا سِوا یفُنّہ کے بیٹے کالِب اور نُون کے بیٹے یشُوع کے۔

31 اور تُمہارے بال بچّے جِن کی بابت تُم نے یہ کہا کہ وہ تو لُوٹ کا مال ٹھہریں گے اُن کو مَیں وہاں پُہنچاؤُں گا اور جِس مُلک کو تُم نے حقِیرجانا وہ اُس کی حقِیقت پہچانیں گے۔

32 اور تُمہارا یہ حال ہو گا کہ تُمہاری لاشیں اِسی بیابان میں پڑی رہیں گی۔

33 اور تُمہارے لڑکے بالے چالِیس برس تک بیابان میں آوارہ پِھرتے اور تُمہاری زِناکارِیوں کا پَھل پاتے رہیں گے جب تک کہ تُمہاری لاشیں بیابان میں گل نہ جائیں۔

34 اُن چالِیس دِنوں کے حِساب سے جِن میں تُم اُس مُلک کا حال دریافت کرتے رہے تھے ۔ اب دِن پِیچھے ایک ایک برس یعنی چالِیس برس تک تُم اپنے گُناہوں کا پَھل پاتے رہو گے ۔ تب تُم میرے مُخالِف ہو جانے کو سمجھو گے۔

35 مَیں خُداوند یہ کہہ چُکا ہُوں کہ مَیں اِس پُوری خبِیث گروہ سے جو میری مُخالفت پر مُتّفِق ہے قطعی اَیسا ہی کرُوں گا ۔ اِن کا خاتِمہ اِسی بیابان میں ہو گا اور وہ یہِیں مَریں گے۔

36 اور جِن آدمِیوں کو مُوسیٰ نے مُلک کا حال دریافت کرنے کو بھیجا تھاجِنہوں نے لَوٹ کر اُس مُلک کی اَیسی بُری خبر سُنائی تھی جِس سے ساری جماعت مُوسیٰ پر کُڑکُڑانے لگی۔

37 سو وہ آدمی جِنہوں نے مُلک کی بُری خبر دی تھی خُداوند کے سامنے وبا سے مَر گئے۔

38 پر جو آدمی اُس مُلک کا حال دریافت کرنے گئے تھے اُن میں سے نُون کا بیٹا یشُوع اور یفُنّہ کا بیٹا کالِب دونوں جِیتے بچے رہے۔

مُلک پر یلغار کی پہلی کوشِش

39 اور مُوسیٰ نے یہ باتیں سب بنی اِسرائیل سے کہِیں تب وہ لوگ زار زار روئے۔

40 اور وہ دُوسرے دِن صُبح سویرے اُٹھ کر یہ کہتے ہُوئے پہاڑ کی چوٹی پر چڑھنے لگے کہ ہم حاضِر ہیں اور جِس جگہ کا وعدہ خُداوند نے کِیا ہے وہاں جائیں گے کیونکہ ہم سے خطا ہُوئی ہے۔

41 مُوسیٰ نے کہا تُم کیوں اب خُداوند کی حُکم عدُولی کرتے ہو؟ اِس سے کوئی فائِدہ نہ ہو گا۔

42 اُوپر مت چڑھو کیونکہ خُداوند تُمہارے درمِیان نہیں ہے ۔ اَیسا نہ ہو کہ اپنے دُشمنوں کے مُقابلہ میں شِکست کھاؤ۔

43 کیونکہ وہاں تُم سے آگے عَمالیقی اور کنعانی لوگ ہیں ۔ سو تُم تلوار سے مارے جاؤ گے کیونکہ خُداوند سے تُم برگشتہ ہو گئے ہو اِس لِئے خُداوند تُمہارے ساتھ نہیں رہے گا۔

44 لیکن وہ شوخی کر کے پہاڑ کی چوٹی تک چڑھے چلے گئے پر خُداوند کے عہد کا صندُوق اور مُوسیٰ لشکرگاہ سے باہر نہ نِکلے۔

45 تب عَمالیقی اور کنعانی جو اُس پہاڑ پر رہتے تھے اُن پر آ پڑے اور اُن کو قتل کِیا اور حُرمہ تک اُن کو مارتے چلے آئے۔