اِستِثنا 29

مُلکِ موآب میں اِسرائیلیوں کے ساتھ خُداوند کا عہد

1 اِسرائیلِیوں کے ساتھ جِس عہد کے باندھنے کا حُکم خُداوند نے مُوسیٰ کو موآب کے مُلک میں دِیا اُسی کی یہ باتیں ہیں ۔ یہ اُس عہد سے الگ ہے جو اُس نے اُن کے ساتھ حورِب میں باندھا تھا۔

2 سو مُوسیٰ نے سب اِسرائیلِیوں کو بُلوا کر اُن سے کہا تُم نے سب کُچھ جو خُداوند نے تُمہاری آنکھوں کے سامنے مُلکِ مِصر میں فِرعو ن اور اُس کے سب خادِموں اور اُس کے سارے مُلک سے کِیا دیکھا ہے۔

3 اِمتِحان کے وہ بڑے بڑے کام اور نِشان اور بڑے بڑے کرِشمے تُونے اپنی آنکھوں سے دیکھے۔

4 لیکن خُداوند نے تُم کو آج تک نہ تو اَیسا دِل دِیا جو سمُجھے اور نہ دیکھنے کی آنکھیں اور سُننے کے کان دِئے۔

5 اور مَیں چالِیس برس بیابان میں تُم کو لِئے پِھرا اور نہ تُمہارے تن کے کپڑے پُرانے ہُوئے اور نہ تیرے پاؤں کی جُوتی پُرانی ہُوئی۔

6 اور تُم اِسی لِئے روٹی کھانے اور مَے یا شراب پِینے نہیں پائے تاکہ تُم جان لو کہ مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں۔

7 اور جب تُم اِس جگہ آئے تو حسبون کا بادشاہ سِیحو ن اور بسن کا بادشاہ عوج ہمارا مُقابلہ کرنے کو نِکلے اور ہم نے اُن کو مار کر۔

8 اُن کا مُلک لے لِیا اور اُسے روبِینِیوں کو اور جدّیوں کو اور منَسِّیوں کے آدھے قبِیلہ کو مِیراث کے طَور پر دے دِیا۔

9 پس تُم اِس عہد کی باتوں کو ماننا اور اُن پر عمل کرنا تاکہ جو کُچھ تُم کرو اُس میں کامیاب ہو۔

10 آج کے دِن تُم اور تُمہارے سردار تُمہارے قبِیلے اور تُمہارے بزُرگ اور تُمہارے منصب دار اور سب اِسرائیلی مَرد۔

11 اور تُمہارے بچّے اور تُمہاری بِیویاں اور وہ پردیسی بھی جو تیری خَیمہ گاہ میں رہتا ہے خواہ وہ تیرا لکڑہارا ہو خواہ سقّا سب کے سب خُداوند اپنے خُدا کے سامنے کھڑے ہو۔

12 تاکہ تُو خُداوند اپنے خُدا کے عہد میں جِسے وہ تیرے ساتھ آج باندھتا اور اُس کی قَسم میں جِسے وہ آج تُجھ سے کھاتا ہے شامِل ہو۔

13 اور وہ تُجھ کو آج کے دِن اپنی قَوم قرار دے اور وہ تیرا خُدا ہو جَیسا اُس نے تُجھ سے کہا ۔ جَیسی اُس نے تیرے باپ دادا ابرہام اور اِضحا ق اور یعقُو ب سے قَسم کھائی۔

14 اور مَیں اِس عہد اور قَسم میں فقط تُم ہی کو نہیں۔

15 پر اُس کو بھی جو آج کے دِن خُداوند ہمارے خُدا کے حضُور یہاں ہمارے ساتھ کھڑا ہے اور اُس کو بھی جو آج کے دِن یہاں ہمارے ساتھ نہیں اُن میں شامِل کرتا ہُوں۔

16 (تُم خُود جانتے ہو کہ مُلکِ مِصر میں ہم کَیسے رہے اور کیونکر اُن قَوموں کے بِیچ سے ہو کر آئے جِن کے درمیان سے تُم گُذرے۔

17 اور تُم نے خُود اُن کی مکرُوہ چِیزیں اور لکڑی اور پتّھر اور چاندی اور سونے کی مُورتیں دیکِھیں جو اُن کے ہاں تِھیں)۔

18 سو اَیسا نہ ہو کہ تُم میں کوئی مَرد یا عَورت یا خاندان یا قبِیلہ اَیسا ہو جِس کا دِل آج کے دِن خُداوند ہمارے خُدا سے برگشتہ ہو اور وہ جا کر اُن قَوموں کے دیوتاؤں کی پرستِش کرے یا اَیسا نہ ہو کہ تُم میں کوئی اَیسی جڑ ہو جو اندراین اور ناگدَونا پَیدا کرے۔

19 اور اَیسا آدمی لَعنت کی یہ باتیں سُن کر دِل ہی دِل میں اپنے کو مُبارک باد دے اور کہے کہ خواہ مَیں کَیسا ہی ہٹّی ہو کر تر کے ساتھ خُشک کو فنا کر ڈالُوں تَو بھی میرے لِئے سلامتی ہے۔

20 پر خُداوند اُسے مُعاف نہیں کرے گا بلکہ اُس وقت خُداوند کا قہر اور اُس کی غَیرت اُس آدمی پر برانگیختہ ہو گی اور سب لَعنتیں جو اِس کِتاب میں لِکھی ہیں اُس پر پڑیں گی اور خُداوند اُس کے نام کو صفحۂِ روزگار سے مِٹا دے گا۔

21 اور خُداوند اِس عہد کی اُن سب لَعنتوں کے مُطابِق جو اِس شرِیعت کی کِتاب میں لِکھی ہیں اُسے اِسرا ئیل کے سب قبِیلوں میں سے بُری سزا کے لِئے جُدا کرے گا۔

22 اور آنے والی پُشتوں میں تُمہاری نسل کے لوگ جو تُمہارے بعد پَیدا ہوں گے اور پردیسی بھی جو دُور کے مُلک سے آئیں گے جب وہ اِس مُلک کی بلاؤں اور خُداوند کی لگائی ہُوئی بیمارِیوں کو دیکھیں گے۔

23 اور یہ بھی دیکھیں گے کہ سارا مُلک گویا گندھک اور نمک بنا پڑا ہے اور اَیسا جل گیا ہے کہ اِس میں نہ تو کُچھ بویا جاتا نہ پَیدا ہوتا اور نہ کِسی قِسم کی گھاس اُگتی ہے اور وہ سدُو م اور عمُور ہ اور اَدمہ اور ضبوئِیم کی طرح اُجڑ گیا جِن کو خُداوند نے اپنے غضب اور قہر میں تباہ کر ڈالا۔

24 تب وہ بلکہ سب قَومیں پُوچھیں گی کہ خُداوند نے اِس مُلک سے اَیسا کیوں کِیا؟ اور اَیسے بڑے قہر کے بھڑکنے کا سبب کِیا ہے؟۔

25 اُس وقت لوگ جواب دیں گے کہ خُداوند اِن کے باپ دادا کے خُدا نے جو عہد اِن کے ساتھ اِن کو مُلکِ مِصر سے نِکالتے وقت باندھا تھا اُسے اِن لوگوں نے چھوڑ دِیا۔

26 اور جا کر اور معبُودوں کی عِبادت اور پرستِش کی جِن سے وہ واقِف نہ تھے اور جِن کو خُداوند نے اِن کو دِیا بھی نہ تھا۔

27 اِسی لِئے اِس کِتاب کی لِکھی ہُوئی سب لَعنتوں کو اِس مُلک پر نازِل کرنے کے لِئے خُداوند کا غضب اِس پر بھڑکا۔

28 اور خُداوند نے قہر اور غُصّہ اور بڑے غضب میں اِن کو اِن کے مُلک سے اُکھاڑ کر دُوسرے مُلک میں پھینکا جَیسا آج کے دِن ظاہِر ہے۔

29 غَیب کا مالِک تو خُداوند ہمارا خُدا ہی ہے پر جو باتیں ظاہِر کی گئی ہیں وہ ہمیشہ تک ہمارے اور ہماری اَولاد کے لِئے ہیں تاکہ ہم اِس شرِیعت کی سب باتوں پر عمل کریں۔

اِستِثنا 30

بحالی اور برکت کی شرائط

1 اور جب یہ سب باتیں یعنی برکت اور لَعنت جِن کو مَیں نے آج تیرے آگے رکھّا ہے تُجھ پر آئیں اور تُو اُن قَوموں کے بِیچ جِن میں خُداوند تیرے خُدا نے تُجھ کو ہنکا کر پُہنچا دِیا ہو اُن کو یاد کرے۔

2 اور تُو اور تیری اَولاد دونوں خُداوند اپنے خُدا کی طرف پِھریں اور اُس کی بات اِن سب احکام کے مُطابِق جو مَیں آج تُجھ کو دیتا ہُوں اپنے سارے دِل اور اپنی ساری جان سے مانیں۔

3 تو خُداوند تیرا خُدا تیری اسِیری کو پلٹ کر تُجھ پر رحم کرے گا اور پِھر کر تُجھ کو سب قَوموں میں سے جِن میں خُداوند تیرے خُدا نے تُجھ کو پراگندہ کِیا ہو جمع کرے گا۔

4 اگر تیرے آوارہ گرد دُنیا کے اِنتہائی حِصّوں میں بھی ہوں تو وہاں سے بھی خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو جمع کر کے لے آئے گا۔

5 اور خُداوند تیرا خُدا اُسی مُلک میں تُجھ کو لائے گا جِس پر تیرے باپ دادا نے قبضہ کِیا تھا اور تُو اُس کو اپنے قبضہ میں لائے گا ۔ پِھر وہ تُجھ سے بھلائی کرے گا اور تیرے باپ دادا سے زِیادہ تُجھ کو بڑھائے گا۔

6 اور خُداوند تیرا خُدا تیرے اور تیری اَولاد کے دِل کا خَتنہ کرے گا تاکہ تُو خُداوند اپنے خُدا سے اپنے سارے دِل اور اپنی ساری جان سے مُحبّت رکھّے اور جِیتا رہے۔

7 اور خُداوند تیرا خُدا یہ سب لَعنتیں تیرے دُشمنوں اور کِینہ رکھنے والوں پر جِنہوں نے تُجھ کو ستایا نازِل کرے گا۔

8 اور تُو لَوٹے گا اور خُداوند کی بات سُنے گا اور اُس کے سب حُکموں پر جو مَیں آج تُجھ کو دیتا ہُوں عمل کرے گا۔

9 اور خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو تیرے کاروبار اور آس اَولاد اور چَوپایوں کے بچّوں اور زمِین کی پَیداوارکے لِحاظ سے تیری بھلائی کی خاطِر تُجھ کو برومند کرے گا کیونکہ خُداوند تیری ہی بھلائی کی خاطِر پِھر تُجھ سے خُوش ہو گا جَیسے وہ تیرے باپ دادا سے خُوش تھا۔

10 بشرطیکہ تُو خُداوند اپنے خُدا کی بات کو سُن کر اُس کے احکام اور آئِین کو مانے جو شرِیعت کی اِس کِتاب میں لِکھے ہیں اور اپنے سارے دِل اور اپنی ساری جان سے خُداوند اپنے خُدا کی طرف پِھرے۔

11 کیونکہ وہ حُکم جو آج کے دِن مَیں تُجھ کو دیتا ہُوں تیرے لِئے بُہت مُشکِل نہیں اور نہ وہ دُور ہے۔

12 وہ آسمان پر تو ہے نہیں کہ تُو کہے کہ آسمان پر کَون ہماری خاطِرچڑھے اور اُس کو ہمارے پاس لا کر سُنائے تاکہ ہم اُس پر عمل کریں؟۔

13 اور نہ وہ سمُندر پار ہے کہ تُو کہے کہ سمُندر پار کَون ہماری خاطِر جائے اور اُس کو ہمارے پاس لا کر سُنائے تاکہ ہم اُس پر عمل کریں؟۔

14 بلکہ وہ کلام تیرے بُہت نزدِیک ہے ۔ وہ تیرے مُنہ میں اور تیرے دِل میں ہے تاکہ تُو اُس پر عمل کرے۔

15 دیکھ مَیں نے آج کے دِن زِندگی اور بھلائی کو اور مَوت اور بُرائی کو تیرے آگے رکھّا ہے۔

16 کیونکہ مَیں آج کے دِن تُجھ کو حُکم کرتا ہُوں کہ تُو خُداوند اپنے خُدا سے مُحبّت رکھّے اور اُس کی راہوں پر چلے اور اُس کے فرمان اور آئِین اور احکام کو مانے تاکہ تُو جِیتا رہے اور بڑھے اور خُداوند تیرا خُدا اُس مُلک میں تُجھ کو برکت بخشے جِس پر قبضہ کرنے کو تُو وہاں جا رہا ہے۔

17 پر اگر تیرا دِل برگشتہ ہو جائے اور تُو نہ سُنے بلکہ گُمراہ ہو کر اَور معبُودوں کی پرستِش اور عِبادت کرنے لگے۔

18 توآج کے دِن مَیں تُم کو جتا دیتا ہُوں کہ تُم ضرُور فنا ہو جاؤ گے اور اُس مُلک میں جِس پر قبضہ کرنے کو تُو یَردن پار جا رہا ہے تُمہاری عُمر دراز نہ ہو گی۔

19 مَیں آج کے دِن آسمان اور زمِین کو تُمہارے برخِلاف گواہ بناتا ہُوں کہ مَیں نے زِندگی اور مَوت کو اور برکت اور لَعنت کو تیرے آگے رکھّا ہے پس تُو زِندگی کو اِختیار کر کہ تُو بھی جِیتا رہے اور تیری اَولاد بھی۔

20 تاکہ تُو خُداوند اپنے خُدا سے مُحبّت رکھّے اور اُس کی بات سُنے اور اُسی سے لِپٹا رہے کیونکہ وُہی تیری زِندگی اور تیری عُمر کی درازی ہے تاکہ تُو اُس مُلک میں بسا رہے جِس کو تیرے باپ دادا ابرہام اور اِضحا ق اور یعقُوب کو دینے کی قَسم خُداوند نے اُن سے کھائی تھی۔ یشُوع مُوسیٰ کا جانشیِن بنتا ہے

اِستِثنا 31

1 اور مُوسیٰ نے جا کر یہ باتیں سب اِسرائیلِیوں کو سُنائِیں۔

2 اور اُن کو کہا کہ مَیں تو آج کے دِن ایک سَو بِیس برس کا ہُوں ۔ مَیں اب چل پِھر نہیں سکتا اور خُداوند نے مُجھ سے کہا ہے کہ تُو اِس یَردن پار نہیں جائے گا۔

3 سو خُداوند تیرا خُدا ہی تیرے آگے آگے پار جائے گا اور وُہی اُن قَوموں کو تیرے آگے سے فنا کرے گا اور تُو اُن کا وارِث ہو گا اور جَیسا خُداوند نے کہا ہے یشوع تیرے آگے آگے پار جائے گا۔

4 اور خُداوند اُن سے وُہی کرے گا جو اُس نے امورِیوں کے بادشاہ سِیحو ن اور عوج اور اُن کے مُلک سے کِیا کہ اُن کو فنا کر ڈالا۔

5 اور خُداوند اُن کو تُم سے شِکست دِلائے گا اور تُم اُن سے اُن سب حُکموں کے مُطابِق پیش آنا جو مَیں نے تُم کو دِئے ہیں۔

6 تُومضبُوط ہو جا اور حَوصلہ رکھ ۔ مت ڈر اور نہ اُن سے خَوف کھا کیونکہ خُداوند تیرا خُدا خُود ہی تیرے ساتھ جاتا ہے ۔ وہ تُجھ سے دست بردار نہیں ہو گا اور نہ تُجھ کو چھوڑے گا۔

7 پِھر مُوسیٰ نے یشُو ع کو بُلا کر سب اِسرائیلِیوں کے سامنے اُس سے کہا کہ تُو مضبُوط ہو جا اور حَوصلہ رکھ کیونکہ تُو اِس قَوم کے ساتھ اُس مُلک میں جائے گا جِس کو خُداوند نے اُن کے باپ دادا سے قَسم کھا کر دینے کو کہا تھا اور تُو اُن کو اُس کا وارِث بنائے گا۔

8 اور خُداوند ہی تیرے آگے آگے چلے گا ۔ وہ تیرے ساتھ رہے گا ۔ وہ تُجھ سے نہ دست بردار ہو گا نہ تُجھے چھوڑے گا سو تُو خَوف نہ کر اور بے دِل نہ ہو۔

ہر ساتویں سال شرِیعت کی کِتاب پڑھی جائے

9 اور مُوسیٰ نے اِس شرِیعت کو لِکھ کر اُسے کاہِنوں کے جو بنی لاوی اور خُداوند کے عہد کے صندُوق کے اُٹھانے والے تھے اور اِسرا ئیل کے سب بزُرگوں کے سپُرد کِیا۔

10 پِھر مُوسیٰ نے اُن کو یہ حُکم دِیا کہ ہر سات برس کے آخِر میں چُھٹکارے کے سال کے مُعیّن وقت پر عِیدِ خیام میں۔

11 جب سب اِسرائیلی خُداوند تیرے خُدا کے حضُور اُس جگہ آکر حاضِر ہوں جِسے وہ خُود چُنے گا تو تُو اِس شرِیعت کو پڑھ کر سب اِسرائیلِیوں کو سُنانا۔

12 تُو سب لوگوں کو یعنی مَردوں اور عَورتوں اور بچّوں اور اپنی بستِیوں کے مُسافِروں کو جمع کرنا تاکہ وہ سُنیں اور سِیکھیں اور خُداوند تُمہارے خُدا کا خَوف مانیں اور اِس شرِیعت کی سب باتوں پر اِحتیاط رکھ کر عمل کریں۔

13 اور اُن کے لڑکے جِن کو کُچھ معلُوم نہیں وہ بھی سُنیں اور جب تک تُم اُس مُلک میں جِیتے رہو جِس پر قبضہ کرنے کو تُم یَردن پار جاتے ہو تب تک وہ برابر خُداوند تُمہارے خُدا کا خَوف ماننا سِیکھیں۔

مُوسیٰ کوخُداوند کی آخِری ہدایات

14 پِھر خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ دیکھ تیرے مَرنے کے دِن آ پُہنچے ۔ سو تُو یشُوع کو بُلا لے اور تُم دونوں خَیمۂِ اِجتماع میں حاضِر ہو جاؤ تاکہ مَیں اُسے ہدایت کرُوں ۔ چُنانچہ مُوسیٰ اور یشُوع روانہ ہو کر خَیمۂِ اِجتماع میں حاضِر ہُوئے۔

15 اور خُداوند ابر کے سُتُون میں ہو کر خَیمہ میں نمُودار ہُؤا اور ابر کا سُتُون خَیمہ کے دروازہ پر ٹھہر گیا۔

16 تب خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا دیکھ تُو اپنے باپ دادا کے ساتھ سو جائے گا اور یہ لوگ اُٹھ کر اُس مُلک کے اجنبی دیوتاؤں کی پَیروی میں جِن کے بِیچ وہ جا کر رہیں گے زِنا کار ہو جائیں گے اور مُجھ کو چھوڑ دیں گے اور اُس عہد کو جو مَیں نے اُن کے ساتھ باندھا ہے توڑ ڈالیں گے۔

17 تب اُس وقت میرا قہر اُن پر بھڑکے گا اور مَیں اُن کو چھوڑ دُوں گا اور اُن سے اپنا مُنہ چُھپالُوں گا اور وہ نِگل لِئے جائیں گے اور بُہت سی بلائیں اورمُصِیبتیں اُن پر آئیں گی چُنانچہ وہ اُس دِن کہیں گے کیا ہم پر یہ بلائیں اِسی سبب سے نہیں آئِیں کہ ہمارا خُدا ہمارے درمیان نہیں؟۔

18 اُس وقت اُن سب بدیوں کے سبب سے جو اَور معبُودوں کی طرف مائِل ہو کر اُنہوں نے کی ہوں گی مَیں ضرُور اپنا مُنہ چُھپالُوں گا۔

19 سو تُم یہ گِیت اپنے لِئے لِکھ لو اور تُو اُسے بنی اِسرائیل کو سِکھانا اور اُن کو حِفظ کرا دینا تاکہ یہ گِیت بنی اِسرائیل کے خِلاف میرا گواہ رہے۔

20 اِس لِئے کہ جب مَیں اُن کو اُس مُلک میں جِس کی قَسم مَیں نے اُن کے باپ دادا سے کھائی اور جہاں دُودھ اور شہد بہتا ہے پُہنچا دُوں گا اور وہ خُوب کھا کھا کر موٹے ہو جائیں گے تب وہ اَور معبُودوں کی طرف پِھر جائیں گے اور اُن کی عِبادت کریں گے اور مُجھے حقیر جانیں گے اور میرے عہد کو توڑ ڈالیں گے۔

21 اور یُوں ہو گا کہ جب بُہت سی بلائیں اور مُصِیبتیں اُن پر آئیں گی تو یہ گِیت گواہ کی طرح اُن پر شہادت دے گا اِس لِئے کہ اِسے اُن کی اَولاد کبھی نہیں بُھولے گی کیونکہ اِس وقت بھی اُن کو اُس مُلک میں پُہنچانے سے پیشتر جِس کی قَسم مَیں نے کھائی ہے مَیں اُن کے خیال کو جِس میں وہ ہیں جانتا ہُوں۔

22 سو مُوسیٰ نے اُسی دِن اِس گِیت کو لِکھ لِیا اور اُسے بنی اِسرائیل کو سِکھایا۔

23 اور اُس نے نُون کے بیٹے یشُوع کو ہدایت کی اور کہا مضبُوط ہو جا اور حَوصلہ رکھ کیونکہ تُو بنی اِسرائیل کو اُس مُلک میں لے جائے گا جِس کی قَسم مَیں نے اُن سے کھائی تھی اور مَیں تیرے ساتھ رہُوں گا۔

24 اور اَیسا ہُؤا کہ جب مُوسیٰ اِس شرِیعت کی باتوں کو ایک کِتاب میں لِکھ چُکا اور وہ ختم ہو گئِیں۔

25 تو مُوسیٰ نے لاوِیوں سے جو خُداوند کے عہد کے صندُوق کو اُٹھایا کرتے تھے کہا کہ۔

26 اِس شرِیعت کی کِتاب کو لے کر خُداوند اپنے خُدا کے عہد کے صندُوق کے پاس رکھ دو تاکہ وہ تیرے برخِلاف گواہ رہے۔

27 کیونکہ مَیں تیری بغاوت اور گردن کشی کو جانتا ہُوں ۔ دیکھو ابھی تو میرے جِیتے جی تُم خُداوند سے بغاوت کرتے رہے ہو تو میرے مَرنے کے بعد کِتنا زِیادہ نہ کرو گے؟۔

28 تُم اپنے قبِیلوں کے سب بزُرگوں اور منصب داروں کو میرے پاس جمع کرو تاکہ مَیں یہ باتیں اُن کے کانوں میں ڈال دُوں اور آسمان اور زمِین کو اُن کے برخِلاف گواہ بناؤں۔

29 کیونکہ مَیں جانتا ہُوں کہ میرے مَرنے کے بعد تُم اپنے کو بِگاڑ لو گے اور اُس طرِیق سے جِس کا مَیں نے تُم کو حُکم دِیا ہے پِھر جاؤ گے ۔ تب آخِری ایّام میں تُم پر آفت ٹُوٹے گی کیونکہ تُم اپنی کرنیوں سے خُداوند کو غُصّہ دِلانے کے لِئے وہ کام کرو گے جو اُس کی نظر میں بُرا ہے۔

مُوسیٰ کا گِیت

30 سو مُوسیٰ نے اِس گِیت کی باتیں اِسرا ئیل کی ساری جماعت کو آخِر تک کہہ سُنائِیں۔

اِستِثنا 32

1 کان لگاؤ اَے آسمانو! اور مَیں بولُوں گا

اور زمِین میرے مُنہ کی باتیں سُنے۔

2 میری تعلِیم مینہ کی طرح برسے گی۔

میری تقرِیر شبنم کی مانِندٹپکے گی

جَیسے نرم گھاس پر پھوآر پڑتی ہو

اور سبزی پر جھڑیاں۔

3 کیونکہ مَیں خُداوند کے نام کا اِشتہار دُوں گا۔

تُم ہمارے خُدا کی تعظِیم کرو۔

4 وہ وُہی چٹان ہے ۔ اُس کی صنعت کامِل ہے

کیونکہ اُس کی سب راہیں اِنصاف کی ہیں۔

وہ وفادار خُدا اور بدی سے مُبرّا ہے۔

وہ مُنصِف اور برحق ہے۔

5 یہ لوگ اُس کے ساتھ بُری طرح سے پیش آئے۔

یہ اُس کے فرزندنہیں ۔ یہ اُن کا عَیب ہے۔

یہ سب کجرو اور ٹیڑھی نسل ہیں۔

6 کیا تُم اَے بے وقُوف اور کم عقل لوگو!

اِس طرح خُداوند کو بدلہ دوگے؟

کیا وہ تُمہارا باپ نہیں جِس نے تُم کو خرِیداہے؟

اُس ہی نے تُم کو بنایا اور قیام بخشا۔

7 قدِیم ایّام کو یاد کرو۔

نسل در نسل کے برسوں پر غَور کرو۔

اپنے باپ سے پُوچھو ۔ وہ تُم کو بتائے گا۔

بزُرگوں سے سوال کرو ۔ وہ تُم سے بیان کریں گے۔

8 جب حق تعالیٰ نے قَوموں کو مِیراث بانٹی

اور بنی آدم کو جُدا جُداکِیا

تو اُس نے قَوموں کی سرحدّ یں

بنی اِسرائیل کے شُمار کے مُطابِق ٹھہرائِیں۔

9 کیونکہ خُداوند کا حِصّہ اُسی کے لوگ ہیں۔

یعقُوب اُس کی مِیراث کا قُرعہ ہے۔

10 وہ خُداوند کو وِیرانے

اور سُونے ہَولناک بیابان میں مِلا۔

خُداوند اُس کے چَوگِرد رہا ۔ اُس نے اُس کی خبرلی

اور اُسے اپنی آنکھ کی پُتلی کی طرح رکھا۔

11 جَیسے عُقاب اپنے گھونسلے کو ہِلا ہِلاکر

اپنے بچّوں پر منڈلاتا ہے

وَیسے ہی اُس نے اپنے بازُوؤں کوپَھیلایا

اور اُن کو لے کر اپنے پروں پر اُٹھا لِیا۔

12 فقط خُداوند ہی نے اُن کی رہبری کی

اور اُس کے ساتھ کوئی اجنبی معبُود نہ تھا۔

13 اُس نے اُسے زمِین کی اُونچی اُونچی جگہوں پر

سوارکرایا

اور اُس نے کھیت کی پَیداوار کھائی۔

اُس نے اُسے چٹان میں سے شہد

اور سنگِ خارا میں سے تیل چُسایا۔

14 اور گایوں کا مکّھن اور بھیڑ بکریوں کا دُودھ

اور برّوں کی چربی

اور بسنی نسل کے مینڈھے اوربکرے

اور خالِص گیہُوں کا آٹا بھی۔

اور تُو انگُور کے خالِص رس کی مَے پِیا کرتا تھا۔

15 لیکن یسُورُو ن موٹا ہو کر لاتیں مارنے لگا۔

تُو موٹا ہو کر لدّھڑ ہو گیا ہے اور تُجھ پر چربی چھا گئی ہے۔

تب اُس نے خُدا کو جِس نے اُسے بنایا چھوڑدیا

اور اپنی نجات کی چٹان کی حقارت کی۔

16 اُنہوں نے اجنبی معبُودوں کے باعِث اُسے

غَیرت اور مکرُوہات سے اُسے غُصّہ دِلایا۔

17 اُنہوں نے جِنّات کے لِئے جو خُدا نہ تھے

بلکہ اَیسے دیوتاؤں کے لِئے جِن سے وہ واقِف نہ تھے

یعنی نئے نئے دیوتاؤں کے لِئے جو حال ہی میں ظاہِر

ہُوئے تھے

جِن سے اُن کے باپ دادا کبھی ڈرے نہیں قُربانی کی۔

18 تُو اُس چٹان سے غافِل ہو گیا جِس نے تُجھے پَیدا

کِیا تھا۔

تُو خُدا کو بُھول گیا جِس نے تُجھے خلق کِیا

19 خُداوند نے یہ دیکھ کر اُن سے نفرت کی

کیونکہ اُس کے بیٹوں اور بیٹِیوں نے اُسے غُصّہ دِلایا۔

20 تب اُس نے کہا مَیں اپنا مُنہ اُن سے چُھپالُوں گا

اور دیکھوں گا کہ اُن کا انجام کَیسا ہوگا

کیونکہ وہ گردن کش نسل

اور بے وفا اَولاد ہیں۔

21 اُنہوں نے اُس چِیز کے باعِث جو خُدا نہیں مُجھے

غَیرت اور اپنی باطِل باتوں سے مُجھے غُصّہ دِلایا۔

سو مَیں بھی اُن کے ذرِیعہ سے جو کوئی اُمّت نہیں اُن کو

غَیرت اور ایک نادان قَوم کے ذرِیعہ سے اُن

کو غُصّہ دِلاؤُں گا۔

22 اِس لِئے کہ میرے غُصّہ کے مارے آگ بھڑک

اُٹھی ہے

جو پاتال کی تَہ تک جلتی جائے گی

اور زمِین کو اُس کی پَیداوار سمیت بھسم کر دے گی

اور پہاڑوں کی بُنیادوں میں آگ لگا دے گی۔

23 مَیں اُن پر آفتوں کا ڈھیرلگاؤُں گا

اور اپنے تیروں کو اُن پر ختم کرُوں گا۔

24 وہ بُھوک کے مارے گُھل جائیں گے اور شدِید

حرارت

اور سخت ہلاکت کا لُقمہ ہوجائیں گے

اور مَیں اُن پر درِندوں کے دانت

اور زمِین پر کے سرکنے والے کِیڑوں کا زہر چھوڑ

دُوں گا۔

25 باہر وہ تلوار سے مَریں گے

اور کوٹھریوں کے اندر خَوف سے۔

جوان مَرد اور کُنواریاں

دُودھ پِیتے بچّے اور پکّے بال والے سب یُوں ہی ہلاک

ہوں گے ۔

26 مَیں نے کہا مَیں اُن کو دُور دُور پراگندہ کرُوں گا

اور اُن کا تذکرہ نوعِ بشر میں سے مِٹاڈالوں گا

27 پر مُجھے دُشمن کی چھیڑ چھاڑ کا اندیشہ تھا

کہ کہِیں مُخالِف اُلٹا سمجھ کر

یُوں نہ کہنے لگیں کہ ہمارے ہی ہاتھ بالا ہیں

اور یہ سب خُداوند سے نہیں ہُؤا

28 وہ ایک اَیسی قَوم ہیں جو مصلحت سے خالی ہو

اُن میں کُچھ سمجھ نہیں

29 کاش وہ عقل مند ہوتے کہ اِس کو سمجھتے

اَور اپنی عاقبت پر غَورکرتے!

30 کیونکر ایک آدمی ہزار کا پِیچھاکرتا

اور دو آدمی دس ہزار کو بھگا دیتے

اگر اُن کی چٹان ہی اُن کو بیچ نہ دیتی

اور خُداوند ہی اُن کو حَوالہ نہ کردیتا؟

31 کیونکہ اُن کی چٹان اَیسی نہیں جَیسی ہماری چٹان

ہے۔

خواہ ہمارے دُشمن ہی کیوں نہ مُنصِف ہوں۔

32 کیونکہ اُن کی تاک سدُو م کی تاکوں میں سے

اور عمُورہ کے کھیتوں کی ہے۔

اُن کے انگُور ہلاہل کے بنے ہُوئے ہیں

اور اُن کے گُچھّےکڑوے ہیں۔

33 اُن کی مَے اژدہاؤں کا بِس

اور کالے ناگوں کا زہر ِقاتِل ہے

34 کیا یہ میرے خزانوں میں

سر بہ مُہر ہو کر بھرا نہیں پڑا ہے؟

35 اُس وقت جب اُن کے پاؤں پِھسلیں

تو اِنتِقام لینا اور بدلہ دینا میرا کام ہوگا

کیونکہ اُن کی آفت کا دِن نزدِیک ہے

اور جو حادِثے اُن پر گُذرنے والے ہیں وہ جلد آئیں گے

36 کیونکہ خُداوند اپنے لوگوں کا اِنصاف کرے گا

اور اپنے بندوں پر ترس کھائے گا

جب وہ دیکھے گا کہ اُن کی قُوّت جاتی رہی

اور کوئی بھی ۔ نہ قَیدی اور نہ آزاد ۔ باقی بچا۔

37 اور وہ کہے گا اُن کے دیوتا کہاں ہیں؟

وہ چٹان کہاں جِس پر اُن کا بھروسا تھا

38 جو اُن کے ذبِیحوں کی چربی کھاتے

اور اُن کے تپاون کی مَے پِیتے تھے؟

وُہی اُٹھ کر تُمہاری مدد کریں۔

وُہی تُمہاری پناہ ہوں۔

39 سو اب تُم دیکھ لو کہ مَیں ہی وہ ہُوں

اور میرے ساتھ کوئی دیوتا نہیں۔

مَیں ہی مار ڈالتا اور مَیں ہی جِلاتا ہُوں۔

مَیں ہی زخمی کرتا اور مَیں ہی چنگا کرتاہُوں

اور کوئی نہیں جو میرے ہاتھ سے چُھڑائے۔

40 کیونکہ مَیں اپنا ہاتھ آسمان کی طرف اُٹھا کر

کہتا ہُوں کہ چُونکہ مَیں ابدالآباد زِندہ ہُوں

41 اِس لِئے اگر مَیں اپنی جھلکتی تلوار کو تیزکرُوں

اور عدالت کو اپنے ہاتھ میں لے لُوں

تو اپنے مُخالِفوں سے اِنتِقام لُوں گا

اور اپنے کِینہ رکھنے والوں کو بدلہ دُوں گا۔

42 مَیں اپنے تیروں کو خُون پِلا پِلا کر مست کردُ وں گا

اور میری تلوار گوشت کھائے گی۔

وہ خُون مقتُولوں اور اسِیروں کا

اور وہ گوشت دُشمن کے سرداروں کے سر کا ہو گا۔

43 اَے قَومو! اُس کے لوگوں کے ساتھ خُوشی مناؤ

کیونکہ وہ اپنے بندوں کے خُون کا اِنتِقام لے گا

اور اپنے مُخالِفوں کو بدلہ دے گا

اور اپنے مُلک اور لوگوں کے لِئے کفّارہ دے گا۔

44 تب مُوسیٰ اور نُون کے بیٹے ہوسیعَ نے آ کر اِس گِیت کی سب باتیں لوگوں کو کہہ سُنائِیں۔

مُوسیٰ کی آخری وصِیّت

45 اور جب مُوسیٰ یہ سب باتیں سب اِسرائیلِیوں کو سُنا چُکا۔

46 تو اُس نے اُن سے کہا کہ جو باتیں مَیں نے تُم سے آج کے دِن بیان کی ہیں اُن سب سے تُم دِل لگانا اور اپنے لڑکوں کو حُکم دینا کہ وہ اِحتیاط رکھ کر اِس شرِیعت کی سب باتوں پر عمل کریں۔

47 کیونکہ یہ تُمہارے لِئے کوئی بے سُود بات نہیں بلکہ یہ تُمہاری زِندگانی ہے اور اِسی سے اُس مُلک میں جہاں تُم یَردن پار جا رہے ہو کہ اُس پر قبضہ کرو تُمہاری عُمردراز ہو گی۔

48 اور اُسی دِن خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ۔

49 تُو اِس کوہِ عَبارِیم پر چڑھ کر نبُو کی چوٹی کو جا جو یرِیحُو کے مُقابِل مُلکِ موآب میں ہے اور کنعا ن کے مُلک کو جِسے مَیں مِیراث کے طَور پر بنی اِسرائیل کو دیتا ہُوں دیکھ لے۔

50 اور اُسی پہاڑ پر جہاں تُو جائے وفات پا کر اپنے لوگوں میں شامِل ہو جَیسے تیرا بھائی ہارُون ہور کے پہاڑ پر مَرا اور اپنے لوگوں میں جا مِلا۔

51 اِس لِئے کہ تُم دونوں نے بنی اِسرائیل کے درمیان دشتِ صِین کے قادِ س میں مریبہ کے چشمہ پر میرا گُناہ کِیا کیونکہ تُم نے بنی اِسرائیل کے درمیان میری تقدِیس نہ کی۔

52 سو تُو اُس مُلک کو اپنے آگے دیکھ لے گا لیکن تُو وہاں اُس مُلک میں جو مَیں بنی اِسرائیل کو دیتا ہُوں جانے نہ پائے گا۔

اِستِثنا 33

مُوسیٰ اِسرا ئیل کے قبِیلوں کو برکت دیتاہے

1 اور مَردِ خُدا مُوسیٰ نے جو دُعایِ خَیر دے کر اپنی وفات سے پہلے بنی اِسرائیل کو برکت دی وہ یہ ہے۔

2 اور اُس نے کہا :-

خُداوند سِینا سے آیا

اور شعِیر سے اُن پر آشکارا ہُؤا۔

وہ کوہِ فاران سے جلوہ گرہُؤا

اور لاکھوں قُدسِیوں میں سے آیا۔

اُس کے دہنے ہاتھ پر اُن کے لِئے آتشی شرِیعت تھی۔

3 وہ بے شک قَوموں سے مُحبّت رکھتا ہے۔

اُس کے سب مُقدّس لوگ تیرے ہاتھ میںہیں

اور وہ تیرے قدموں میں بَیٹھے۔

ایک ایک تیری باتوں سے مُستفِیض ہو گا۔

4 مُوسیٰ نے ہم کو شرِیعت

اور یعقُوب کی جماعت کے لِئے مِیراث دی

5 اور وہ اُس وقت یسُورُون میں بادشاہ تھا

جب قَوم کے سرداراِکٹھّے

اور اِسرا ئیل کے قبِیلے جمع ہُوئے۔

6 رُوبِن جِیتا رہے اور مَر نہ جائے

تَو بھی اُس کے آدمی تھوڑے ہی ہوں۔

7 اور یہُوداہ کے لِئے یہ ہے جو مُوسیٰ نے کہا:-

اَے خُداوند! تُو یہُوداہ کی سُن

اور اُسے اُس کے لوگوں کے پاس پُہنچا۔

وہ اپنے لِئے آپ اپنے ہاتھوں سے لڑا

اور تُو ہی اُس کے دُشمنوں کے مُقابلہ میں اُس کا مددگار

ہو گا۔

8 اور لاو ی کے حق میں اُس نے کہا :-

تیرے تُمِّیم اور اُورِیم اُس مَردِ خُدا کے پاس ہیں

جِسے تُو نے مسّہ پر آزمالِیا

اور جِس کے ساتھ مرِیبہ کے چشمہ پر تیرا تنازُع ہُؤا۔

9 جِس نے اپنے ماں باپ کے بارے میں کہا کہ

مَیں نے اِن کو دیکھا نہیں

اور نہ اُس نے اپنے بھائیوں کو اپنا مانا

اور نہ اپنے بیٹوں کو پہچانا

کیونکہ اُنہوں نے تیرے کلام کی اِحتِیاط کی

اور وہ تیرے عہد کو مانتے ہیں۔

10 وہ یعقُوب کو تیرے احکام

اور اِسرا ئیل کو تیری شرِیعت سِکھائیں گے

وہ تیرے آگے بخُور

اور تیرے مذبح پر پُوری سوختنی قُربانی رکھّیں گے۔

11 اَے خُداوند! تُو اُس کے مال میں برکت دے

اور اُس کے ہاتھوں کی خِدمت کو قبُول کر۔

جو اُس کے خِلاف اُٹھیں اُن کی کمر توڑ دے

اور اُن کی کمر بھی جِن کو اُس سے عداوت ہے تاکہ وہ

پِھر نہ اُٹھیں۔

12 اور بنیمِین کے حق میں اُس نے کہا:-

خُداوند کا پیارا سلامتی کے ساتھ اُس کے پاس رہے گا۔

وہ سارے دِن اُسے ڈھانکے رہتا ہے

اور وہ اُس کے کندھوں کے بِیچ سکُونت کرتا ہے۔

13 اور یُوسف کے حق میں اُس نے کہا:-

اُس کی زمِین خُداوند کی طرف سے مُبارک ہو!

آسمان کی بیش قِیمت اشیا اورشبنم

اور وہ گہرا پانی جو نِیچے ہے

14 اور سُورج کے پکائے ہُوئے بیش بہا پَھل

اور چاند کی اُگائی ہُوئی بیش قِیمت چِیزیں

15 اور قدِیم پہاڑوں کی بیش قِیمت چِیزیں

اور ابدی پہاڑِیوں کی بیش قِیمت چِیزیں

16 اور زمِین اور اُس کی معمُوری کی بیش قِیمت چِیزیں

اور اُس کی خُوشنُودی جو جھاڑی میں رہتا تھا۔

اِن سب کے اِعتبار سے یُوسف کے سرپر

یعنی اُسی کے سر کے چاند پر جو اپنے بھائیوں سے جُدا

رہا برکت نازِل ہو!

17 اُس کے بَیل کے پہلوٹھے کی سی اُس کی شَوکت

ہے اور اُس کے سِینگ جنگلی سانڈ کے سے

ہیں۔

اُن ہی سے وہ سب قَوموں کو بلکہ زمِین کی اِنتہا کے

لوگوں کو دھکیلے گا۔

وہ افرائِیم کے لاکھوں لاکھ

اور منسّی کے ہزاروں ہزار ہیں۔

18 اور زبُولُون کے بارے میں اُس نے کہا:-

اَے زبُولُون ! تُو اپنے باہر جاتے وقت

اور اَے اِشکار ! تُو اپنے خَیموں میں خُوش رہ۔

19 وہ لوگوں کو پہاڑوں پربُلائیں گے

اور وہاں صداقت کی قُربانیاں گُذرانیں گے

کیونکہ وہ سمُندروں کے فَیض

اور ریت کے چُھپے ہُوئے خزانوں سے بہرہ ور ہوں

گے۔

20 اور جد کے حق میں اُس نے کہا:-

جو کوئی جد کو بڑھائے وہ مُبارک ہو۔

وہ شیرنی کی طرح رہتا ہے

اور بازُو بلکہ سر کے چاند تک کو پھاڑ ڈالتا ہے۔

21 اور اُس نے پہلے حِصّہ کو اپنے لِئے چُن لِیا

کیونکہ شرع دینے والے کا بخرہ وہاں الگ کِیا ہُؤا تھا

اور اُس نے لوگوں کے سرداروں کے ساتھ آکر

خُداوند کے اِنصاف کو

اور اُس کے احکام کو جو اِسرا ئیل کے لِئے تھے پُورا کِیا۔

22 اور دان کے حق میں اُس نے کہا:-

دان اُس شیر بَبر کا بچّہ ہے

جو بسن سے کُود کر آتا ہے۔

23 اور نفتالی کے حق میں اُس نے کہا:-

اَے نفتالی ! جو لُطف و کرم سے آسُودہ

اور خُداوند کی برکت سے معمُورہے

تُو مغرِب اور جنُوب کا مالِک ہو!

24 اور آشر کے حق میں اُس نے کہا:-

آشر آس اَولاد سے مالامال ہو!

وہ اپنے بھائِیوں کا مقبُول ہو

اور اپنا پاؤں تیل میں ڈبوئے۔

25 تیرے بینڈے لوہے اور پِیتل کے ہوں گے

اور جَیسے تیرے دِن وَیسی ہی تیری قُوّت ہو۔

26 اَے یسُورُو ن! خُدا کی مانِند اَور کوئی نہیں

جو تیری مدد کے لِئے آسمان پر

اور اپنے جاہ و جلال میں افلاک پر سوار ہے۔

27 ابدی خُدا تیری سکُونت گاہ ہے

اور نِیچے دائِمی بازُو ہیں۔

اُس نے غنِیم کو تیرے سامنے سے نِکال دِیا

اور کہا اُن کو ہلاک کردے

28 اور اِسرا ئیل سلامتی کے ساتھ

یعقُوب کا سوتا اکیلا۔

اناج اور مَے کے مُلک میں بسا ہُؤا ہے

بلکہ آسمان سے اُس پر اوس پڑتی رہتی ہے۔

29 مُبارک ہے تُو اَے اسرائیل !

تُو خُداوند کی بچائی ہُوئی قَوم ہے سو کَون تیری مانِند

ہے ؟

وُہی تیری مدد کی سِپر

اور تیرے جاہ و جلال کی تلوار ہے۔

تیرے دُشمن تیرے مُطِیع ہوں گے

اور تُو اُن کے اُونچے مقاموں کو پامال کرے گا۔

اِستِثنا 34

مُوسیٰ کی وفات اور تدفِین

1 اور مُوسیٰ موآب کے مَیدانوں سے کوہِ نبُو کے اُوپر پِسگہ کی چوٹی پر جو یرِیحُو کے مُقابِل ہے چڑھ گیا اور خُداوند نے جِلعاد کا سارا مُلک دان تک اور نفتالی کا سارا مُلک۔

2 اور افرائِیم اورمنسّی کا مُلک اور یہُودا ہ کا سارا مُلک پِچھلے سمُندر تک۔

3 اور جنُوب کا مُلک اور وادیِ یرِیحُو جو خُرموں کا شہر ہے اُس کی وادی کا مَیدان ضُغر تک اُس کو دِکھایا۔

4 اور خُداوند نے اُس سے کہا یِہی وہ مُلک ہے جِس کی بابت مَیں نے ابرہام اور اِضحا ق اور یعقُوب سے قَسم کھا کر کہا تھا کہ اِسے مَیں تُمہاری نسل کو دُوں گا۔ سو مَیں نے اَیسا کِیا کہ تُو اِسے اپنی آنکھوں سے دیکھ لے پر تُو اُس پار وہاں جانے نہ پائے گا۔

5 پس خُداوند کے بندہ مُوسیٰ نے خُداوند کے کہے کے مُوافِق وہِیں موآب کے مُلک میں وفات پائی۔

6 اور اُس نے اُسے موآب کی ایک وادی میں بَیت فغُور کے مُقابِل دفن کِیا پر آج تک کِسی آدمی کو اُس کی قبر معلُوم نہیں۔

7 اور مُوسیٰ اپنی وفات کے وقت ایک سَو بِیس برس کا تھا اور نہ تو اُس کی آنکھ دُھندلانے پائی اور نہ اُس کی طبعی قُوّت کم ہُوئی۔

8 اور بنی اِسرائیل مُوسیٰ کے لِئے موآب کے مَیدانوں میں تِیس دِن تک روتے رہے ۔ پِھر مُوسیٰ کے لِئے ماتم کرنے اور رونے پِیٹنے کے دِن ختم ہُوئے۔

9 اور نُون کا بیٹا یشُوع دانائی کی رُوح سے معمُور تھا کیونکہ مُوسیٰ نے اپنے ہاتھ اُس پر رکھّے تھے اور بنی اِسرائیل اُس کی بات مانتے رہے اور جَیسا خُداوند نے مُوسیٰ کو حُکم دِیا تھا اُنہوں نے وَیسا ہی کِیا۔

10 اور اُس وقت سے اب تک بنی اِسرائیل میں کوئی نبی مُوسیٰ کی مانِند جِس سے خُداوند نے رُوبرُو باتیں کِیں نہیں اُٹھا۔

11 اور اُس کو خُداوند نے مُلکِ مِصر میں فِرعو ن اور اُس کے سب خادِموں اور اُس کے سارے مُلک کے سامنے سب نِشانوں اور عجِیب کاموں کے دِکھانے کو بھیجا تھا۔

12 یُوں مُوسیٰ نے سب اِسرائیلِیوں کے سامنے زورآور ہاتھ اور بڑی ہَیبت کے کام کر دِکھائے۔

گِنتی 1

اِسرائیلیوں کی پہلی مَردُم شُماری

1 بنی اِسرائیل کے مُلکِ مِصر سے نِکل آنے کے دُوسرے برس کے دُوسرے مہِینے کی پہلی تارِیخ کو سِینا کے بیابان میں خُداوند نے خَیمۂِ اِجتماع میں مُوسیٰ سے کہا کہ۔

2 تُم ایک ایک مَرد کا نام لے لے کر گِنو اور اُن کے ناموں کی تعداد سے بنی اِسرائیل کی ساری جماعت کی مَردُم شُماری کا حِساب اُن کے قبِیلوں اور آبائی خاندانوں کے مُطابِق کرو۔

3 بِیس برس اور اُس سے اُوپر اُوپر کی عُمر کے جِتنے اِسرائیلی جنگ کرنے کے قابِل ہوں اُن سبھوں کے الگ الگ دَلوں کو تُو اور ہارُو ن دونوں مِل کر گِن ڈالو۔

4 اور ہر قبِیلہ سے ایک ایک آدمی جو اپنے آبائی خاندان کا سردار ہے تُمہارے ساتھ ہو۔

5 اور جو آدمی تُمہارے ساتھ ہوں گے اُن کے نام یہ ہیں

رُوبِن کے قبِیلہ سے الِیصُور بِن شدِیُور۔

6 شمعُو ن کے قبِیلہ سے سلُومی ایل بِن صُور ی شدّی۔

7 یہُوداہ کے قبِیلہ سے نحسو ن بِن عمِّینداب۔

8 اِشکار کے قبِیلہ سے نتنی ایل بِن ضُغر۔

9 زبُولُون کے قبِیلہ سے الِیا ب بِن حیلو ن۔

10 یُوسف کی نسل میں سے افرائِیم کے قبِیلہ کا الِیسمع

بِن عمِّیہُود

اور منسّی کے قبِیلہ کا جملی ایل بِن فداہصُور۔

11 بِنیمِین کے قبِیلہ سے ابِدان بِن جِدعُونی۔

12 دان کے قبِیلہ سے اخیعزر بِن عمِّیشدّ ی۔

13 آشر کے قبِیلہ سے فجعی ایل بِن عکران۔

14 جد کے قبِیلہ سے اِلیاسف بِن دعُوایل۔

15 نفتالی کے قبِیلہ سے اخِیر ع بِن عینا ن۔

16 یِہی اشخاص جو اپنے آبائی قبِیلوں کے رئِیس اور بنی اِسرائیل میں ہزاروں کے سردار تھے جماعت میں سے بُلائے گئے۔

17 اور مُوسیٰ اور ہارُو ن نے اِن اشخاص کو جِن کے نام مذکُور ہیں اپنے ساتھ لِیا۔

18 اور اُنہوں نے دُوسرے مہِینے کی پہلی تارِیخ کو ساری جماعت کو جمع کِیا اور اِن لوگوں نے بِیس برس اور اُس سے اُوپر اُوپر کی عُمر کے سب آدمِیوں کا شُمار کروا کے اپنے اپنے قبِیلہ اور آبائی خاندان کے مُطابِق اپنا اپنا حسب و نسب لِکھوایا۔

19 سو جَیسا خُداوند نے مُوسیٰ کو حُکم دِیا تھا اُسی کے مُطابِق اُس نے اُن کو دشتِ سِینا میں گِنا۔

20 اور اِسرا ئیل کے پہلوٹھے رُوبن کی نسل کے لوگوں میں سے ایک ایک مَرد جو بِیس برس یا اُس سے اُوپر اُوپر کی عُمر کا اور جنگ کرنے کے قابِل تھا وہ اپنے گھرانے اور آبائی خاندان کے مُطابِق اپنے نام سے گِنا گیا۔

21 سو رُوبن کے قبِیلہ کے جو آدمی شُمار کِئے گئے وہ چھیالِیس ہزار پانچ سَو تھے۔

22 اور شمعُو ن کی نسل کے لوگوں میں سے ایک ایک مَرد جو بِیس برس یا اُس سے اُوپر اُوپر کی عُمر کا اور جنگ کرنے کے قابِل تھا وہ اپنے گھرانے اور آبائی خاندان کے مُطابِق اپنے نام سے گِنا گیا۔

23 سو شمعُو ن کے قبِیلہ کے جو آدمی شُمار کِئے گئے وہ اُنسٹھ ہزار تِین سَو تھے۔

24 اور جد کی نسل کے لوگوں میں سے ایک ایک مَرد جو بِیس برس یا اُس سے اُوپر اُوپر کی عُمر کا اور جنگ کرنے کے قابِل تھا وہ اپنے گھرانے اور آبائی خاندان کے مُطابِق گِنا گیا۔

25 سو جد کے قبِیلہ کے جو آدمی شُمار کِئے گئے وہ پَینتالِیس ہزار چھ سَو پچاس تھے۔

26 اور یہُوداہ کی نسل کے لوگوں میں سے ایک ایک مَرد جو بِیس برس یا اُس سے اُوپر اُوپر کی عُمر کا اور جنگ کرنے کے قابِل تھا وہ اپنے گھرانے اور آبائی خاندان کے مُطابِق گِنا گیا۔

27 سو یہُوداہ کے قبِیلہ کے جو آدمی شُمار کِئے گئے وہ چوہتّر ہزار چھ سَو تھے۔

28 اور اِشکار کی نسل کے لوگوں میں سے ایک ایک مَرد جو بِیس برس یا اُس سے اُوپر اُوپر کی عُمر کا اور جنگ کرنے کے قابِل تھا وہ اپنے گھرانے اور آبائی خاندان کے مُطابِق گِنا گیا۔

29 سو اِشکار کے قبِیلہ کے جو آدمی شُمار کِئے گئے وہ چوّن ہزار چار سَو تھے۔

30 اور زبُولُون کی نسل کے لوگوں میں سے ایک ایک مَرد جو بِیس برس یا اُس سے اُوپر اُوپر کی عُمر کا اور جنگ کرنے کے قابِل تھا وہ اپنے گھرانے اور آبائی خاندان کے مُطابِق گِنا گیا۔

31 سو زبُولُون کے قبِیلہ کے جو آدمی شُمار کِئے گئے وہ ستّاون ہزار چار سَو تھے۔

32 اور یُوسف کی اَولاد یعنی افرائِیم کی نسل کے لوگوں میں سے ایک ایک مَرد جو بِیس برس یا اُس سے اُوپر اُوپر کی عُمر کا اور جنگ کرنے کے قابِل تھا وہ اپنے گھرانے اور آبائی خاندان کے مُطابِق گِنا گیا۔

33 سو افرائِیم کے قبِیلہ کے جو آدمی شُمار کِئے گئے وہ چالِیس ہزار پانچ سَو تھے۔

34 اور منسّی کی نسل کے لوگوں میں سے ایک ایک مَرد جو بِیس برس یا اُس سے اُوپر اُوپر کی عُمر کا اور جنگ کرنے کے قابِل تھا وہ اپنے گھرانے اور آبائی خاندان کے مُطابِق گِنا گیا۔

35 سو منسّی کے قبِیلہ کے جو آدمی شُمار کِئے گئے وہ بتِّیس ہزار دو سَو تھے۔

36 اور بِنیمِین کی نسل کے لوگوں میں سے ایک ایک مَرد جو بِیس برس یا اُس سے اُوپر اُوپر کی عُمر کا اور جنگ کرنے کے قابِل تھا وہ اپنے گھرانے اور آبائی خاندان کے مُطابِق گِنا گیا۔

37 سو بِنیمِین کے قبِیلہ کے جو آدمی شُمار کِئے گئے وہ پَینتِیس ہزار چار سَو تھے۔

38 اور دان کی نسل کے لوگوں میں سے ایک ایک مَرد جو بِیس برس یا اُس سے اُوپر اُوپر کی عُمر کا اور جنگ کرنے کے قابِل تھا وہ اپنے گھرانے اور آبائی خاندان کے مُطابِق گِنا گیا۔

39 سو دان کے قبِیلہ کے جو آدمی شُمار کِئے گئے وہ باسٹھ ہزار سات سَو تھے۔

40 اور آشر کی نسل کے لوگوں میں سے ایک ایک مَرد جو بِیس برس یا اُس سے اُوپر اُوپر کی عُمر کا اور جنگ کرنے کے قابِل تھا وہ اپنے گھرانے اور آبائی خاندان کے مُطابِق گِنا گیا۔

41 سو آشر کے قبِیلہ کے جو آدمی شُمار کِئے گئے وہ اِکتالِیس ہزار پانچ سَو تھے۔

42 اور نفتالی کی نسل کے لوگوں میں سے ایک ایک مَرد جو بِیس برس یا اُس سے اُوپر اُوپر کی عُمر کا اور جنگ کرنے کے قابِل تھا وہ اپنے گھرانے اور آبائی خاندان کے مُطابِق گِنا گیا۔

43 سو نفتالی کے قبِیلہ کے جو آدمی شُمار کِئے گئے وہ ترِپن ہزار چار سَو تھے۔

44 یِہی وہ لوگ ہیں جو گِنے گئے ۔ اِن ہی کو مُوسیٰ اور ہارُو ن اور بنی اِسرائیل کے بارہ رئِیسوں نے جو اپنے اپنے آبائی خاندان کے سردار تھے گِنا۔

45 سو بنی اِسرائیل میں سے جِتنے آدمی بِیس برس یا اُس سے اُوپر اُوپر کی عُمر کے اور جنگ کرنے کے قابِل تھے وہ سب گِنے گئے۔

46 اور اُن سبھوں کا شُمار چھ لاکھ تِین ہزار پانچ سو پچاس تھا۔

47 پر لاوی اپنے آبائی قبِیلہ کے مُطابِق اُن کے ساتھ گِنے نہیں گئے۔

48 کیونکہ خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا تھا کہ۔

49 تُو لاوِیوں کے قبِیلہ کو نہ گِننا اور نہ بنی اِسرائیل کے شُمار میں اُن کا شُمار داخِل کرنا۔

50 بلکہ تُو لاوِیوں کو شہادت کے مسکن اور اُس کے سب ظُروف اور اُس کے سب لوازِم کے مُتولّی مُقرّر کرنا ۔ وُہی مسکن اور اُس کے سب ظُروف کو اُٹھایا کریں اور وُہی اُس میں خِدمت بھی کریں اور مسکن کے آس پاس وُہی اپنے ڈیرے لگایا کریں۔

51 اور جب مسکن کو آگے روانہ کرنے کا وقت ہو تو لاوی اُسے اُتاریں اور جب مسکن کو لگانے کا وقت ہو تو لاوی اُسے کھڑا کریں اور اگر کوئی اجنبی شخص اُس کے نزدِیک آئے تو وہ جان سے مارا جائے۔

52 اور بنی اِسرائیل اپنے اپنے دَل کے مُطابِق اپنی اپنی چھاؤنی اور اپنے اپنے جھنڈے کے پاس اپنے اپنے ڈیرے ڈالیں۔

53 لیکن لاوی شہادت کے مسکن کے گِرداگِرد ڈیرے لگائیں تاکہ بنی اِسرائیل کی جماعت پر غضب نہ ہو اور لاوی ہی شہادت کے مسکن کی نِگہبانی کریں۔

54 چُنانچہ بنی اِسرائیل نے جَیسا خُداوند نے مُوسیٰ کو حُکم دِیا تھا وَیسا ہی کِیا۔

گِنتی 2

خَیمہ گاہ میں قبِیلوں کی ترتِیب

1 اور خُداوند نے مُوسیٰ اور ہارُون سے کہا کہ۔

2 بنی اِسرائیل اپنے اپنے ڈیرے اپنے اپنے جھنڈے کے پاس اور اپنے اپنے آبائی خاندان کے عَلم کے ساتھ خَیمۂِ اِجتماع کے مُقابِل اور اُس کے گِرداگِرد لگائیں۔

3 اور جو مشرِق کی طرف جِدھر سے سُورج نِکلتا ہے اپنے ڈیرے اپنے دَلوں کے مُطابِق لگائیں وہ یہُوداہ کی چھاؤنی کے جھنڈے کے لوگ ہوں اورعمِّیندا ب کا بیٹا نحسو ن بنی یہُوداہ کا سردار ہو۔

4 اور اُس کے دَل کے لوگ جو شُمار کِئے گئے تھے وہ سب چوہتّر ہزار چھ سَو تھے۔

5 اور اِن کے قرِیب اِشکار کے قبِیلہ کے لوگ ڈیرے ڈالیں اور ضُغر کا بیٹا نتنی ایل بنی اِشکارکا سردار ہو۔

6 اور اُس کے دَل کے لوگ جو شُمار کِئے گئے تھے چوّن ہزار چار سَو تھے۔

7 پِھر زبُولُون کا قبِیلہ ہو اور حیلو ن کا بیٹا الِیا ب بنی زبُولُون کا سردار ہو۔

8 اور اُس کے دَل کے لوگ جو شُمار کِئے گئے تھے وہ ستّاون ہزار چار سَو تھے۔

9 سو جِتنے یہُوداہ کی چھاؤنی میں اپنے اپنے دَل کے مُطابِق گِنے گئے وہ ایک لاکھ چھیاسی ہزار چار سَو تھے ۔

پہلے یِہی کُوچ کِیا کریں۔

10 اور جنُوب کی طرف اپنے دَلوں کے مُطابِق رُوبن کی چھاؤنی کے جھنڈے کے لوگ ہوں اور شدِےُور کا بیٹا اِلیصُور بنی رُوبن کا سردار ہو۔

11 اور اُس کے دَل کے لوگ جو شُمار کِئے گئے تھے وہ چھیالِیس ہزار پانچ سَو تھے۔

12 اور اِن کے قریب شمعُو ن کے قبِیلہ کے لوگ ڈیرے ڈالیں اور صُوری شدّی کا بیٹا سلُومی ایل بنی شمعُون کا سردار ہو۔

13 اور اُس کے دَل کے لوگ جو شُمار کِئے گئے تھے وہ اُنسٹھ ہزار تِین سَو تھے۔

14 پِھر جد کا قبِیلہ ہو اور دعوایل کا بیٹا اِلیاسف بنی جد کا سردار ہو۔

15 اور اُس کے دَل کے لوگ جو شُمار کِئے گئے تھے وہ پینتالِیس ہزار چھ سَو پچاس تھے۔

16 سو جِتنے رُوبن کی چھاؤنی میں اپنے اپنے دَل کے مُطابِق گِنے گئے وہ ایک لاکھ اِکّاون ہزار چار سَو پچاس تھے ۔

کُوچ کے وقت دُوسری نَوبت اِن لوگوں کی ہو۔

17 پِھر خَیمۂِ اِجتماع مع لاوِیوں کی چھاؤنی کے جو اَور چھاؤنیوں کے بِیچ میں ہو گی آگے جائے اور جِس طرح سے لاوی ڈیرے لگائیں اُسی طرح سے وہ اپنی اپنی جگہ اور اپنے اپنے جھنڈے کے پاس پاس چلیں۔

18 اور مغرِب کی طرف اپنے دَلوں کے مُطابِق افرائِیم کی چھاؤنی کے جھنڈے کے لوگ ہوں ۔ اورعمِّیہُود کا بیٹا الِیسمع بنی افرائِیم کا سردار ہو۔

19 اور اُس کے دَل کے لوگ جو شُمار کِئے گئے تھے وہ چالِیس ہزار پانچ سَو تھے۔

20 اور اِن کے قریب منسّی کا قبِیلہ ہو اور فداہصُو ر کا بیٹا جَملی ایل بنی منسّی کا سردار ہو۔

21 اُس کے دَل کے لوگ جو شُمار کِئے گئے تھے بتِّیس ہزار دو سو تھے۔

22 پِھر بنیمِین کا قبِیلہ ہو اور جدعُونی کا بیٹا اَبدان بنی بنیمِین کا سردار ہو۔

23 اور اُس کے دَل کے لوگ جو شُمار کِئے گئے تھے وہ پَینتِیس ہزار چار سَو تھے۔

24 سو جِتنے افرائِیم کی چھاؤنی میں اپنے اپنے دَل کے مُطابِق گِنے گئے وہ ایک لاکھ آٹھ ہزار ایک سَو تھے ۔

کُوچ کے وقت تِیسری نَوبت اِن لوگوں کی ہو۔

25 اور شِمال کی طرف اپنے دَلوں کے مُطابِق دان کی چھاؤنی کے جھنڈے کے لوگ ہوں اور عمِّیشدّ ی کا بیٹا اخیعزر بنی دان کا سردار ہو۔

26 اور اُس کے دَل کے لوگ جو شُمار کِئے گئے تھے وہ باسٹھ ہزار سات سَو تھے۔

27 اِن کے قریب آشر کے قبِیلہ کے لوگ ڈیرے لگائیں اور عکرا ن کا بیٹا فجعی ایل بنی آشرکا سردار ہو۔

28 اور اُس کے دَل کے لوگ جو شُمار کِئے گئے تھے وہ اِکتالِیس ہزار پانچ سَو تھے۔

29 پِھر نفتالی کا قبِیلہ ہو اور عینان کا بیٹا اَخیر ع بنی نفتالی کا سردار ہو۔

30 اور اُس کے دَل کے لوگ جو شُمار کِئے گئے وہ ترِپن ہزار چار سَو تھے۔

31 سو جِتنے دان کی چھاؤنی میں گِنے گئے وہ ایک لاکھ ستّاون ہزار چھ سَو تھے ۔

یہ لوگ اپنے اپنے جھنڈے کے پاس پاس ہو کر سب سے پِیچھے کُوچ کِیا کریں۔

32 بنی اِسرائیل میں سے جو لوگ اپنے آبائی خاندانوں کے مُطابِق گِنے گئے وہ یِہی ہیں اور سب چھاؤنیوں کے جِتنے لوگ اپنے اپنے دَل کے مُطابِق گِنے گئے وہ چھ لاکھ تِین ہزار پانچ سَو پچاس تھے۔

33 لیکن لاوی جَیسا خُداوند نے مُوسیٰ کو حُکم کِیا تھا بنی اِسرائیل کے ساتھ گِنے نہیں گئے۔

34 سو بنی اِسرائیل نے اَیسا ہی کِیا اور جو جو حُکم خُداوند نے مُوسیٰ کو دِیا تھا اُسی کے مُطابِق وہ اپنے اپنے جھنڈے کے پاس اور اپنے آبائی خاندانوں کے مُطابِق اپنے اپنے گھرانے کے ساتھ ڈیرے لگاتے اور کُوچ کرتے تھے۔

گِنتی 3

ہارُون کے بیٹے

1 اور جِس روز خُداوند نے کوہِ سِینا پر مُوسیٰ سے باتیں کیں تب ہارُون اور مُوسیٰ کے پاس یہ اَولاد تھی۔

2 اور ہارُون کے بیٹوں کے نام یہ ہیں ندب جو پہلوٹھا تھا اور اَبِیہُو اور الیعزر اور اِتمر۔

3 ہارُون کے بیٹے جو کہانت کے لِئے ممسُوح ہُوئے اور جِن کو اُس نے کہانت کی خِدمت کے لِئے مخصُوص کِیا تھا اُن کے نام یِہی ہیں۔

4 اور ندب اور اَبِیہُو تو جب اُنہوں نے دشتِ سِینا میں خُداوند کے حضُور اُوپری آگ گُذرانی تب ہی خُداوند کے سامنے مَر گئے اور وہ بے اَولاد بھی تھے اور الیعزر اور اِتمر اپنے باپ ہارُون کے سامنے کہانت کی خِدمت کو انجام دیتے تھے۔

لاویوں کو کاہِنوں کی خِدمت پر مامُور کِیا گیا

5 اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا۔

6 لاوی کے قبِیلہ کو نزدِیک لا کر ہارُون کاہِن کے آگے حاضِر کر تاکہ وہ اُس کی خِدمت کریں۔

7 اور جو کُچھ اُس کی طرف سے اور جماعت کے طرف سے اُن کو سَونپا جائے وہ سب کی خَیمۂِ اِجتماع کے آگے نِگہبانی کریں تاکہ مسکن کی خِدمت بجا لائیں۔

8 اور وہ خَیمۂِ اِجتماع کے سب سامان کی اور بنی اِسرائیل کی ساری امانت کی حِفاظت کریں تاکہ مسکن کی خِدمت بجا لائیں۔

9 اور تُو لاوِیوں کو ہارُون اور اُس کے بیٹوں کے ہاتھ میں سپُرد کر ۔ بنی اِسرائیل کی طرف سے وہ بِالکل اُسے دے دِئے گئے ہیں۔

10 اور ہارُون اور اُس کے بیٹوں کو مُقرّر کر اور وہ اپنی کہانت کو محفُوظ رکھّیں اور اگر کوئی اجنبی نزدِیک آئے تو وہ جان سے مارا جائے۔

11 اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ۔

12 دیکھ مَیں نے بنی اِسرائیل میں سے لاوِیوں کو اُن سبھوں کے بدلے لے لِیا ہے جو اِسرائیلیوں میں پہلوٹھی کے بچّے ہیں ۔ سو لاوی میرے ہوں۔

13 کیونکہ سب پہلوٹھے میرے ہیں اِس لِئے کہ جِس دِن مَیں نے مُلکِ مِصر میں سب پہلوٹھوں کو مارا اُسی دِن مَیں نے بنی اِسرائیل کے سب پہلوٹھوں کو کیا اِنسان اور کیا حَیوان اپنے لِئے مُقدّس کِیا سو وہ ضرُور میرے ہوں ۔ مَیں خُداوند ہُوں۔

لاویوں کی مَردُم شُماری

14 پِھر خُداوند نے دشتِ سِینا میں مُوسیٰ سے کہا۔

15 بنی لاوی کو اُن کے آبائی خاندانوں اور گھرانوں کے مُطابِق شُمار کر یعنی ایک مہِینے اور اُس سے اُوپر اُوپر کے ہر لڑکے کو گِننا۔

16 چُنانچہ مُوسیٰ نے خُداوند کے حُکم کے مُطابِق جو اُس نے اُسے دِیا اُن کو گِنا۔

17 اور لاوی کے بیٹوں کے نام یہ ہیں ۔ جیرسون اور قہات اور مرار ی۔

18 جیرسون کے بیٹوں کے نام جِن سے اُن کے خاندان چلے یہ ہیں ۔ لِبنی اور سِمعی۔

19 اور قہات کے بیٹوں کے نام جِن سے اُن کے خاندان چلے عَمرا م اور اِضہار اور حبرُو ن اور عُزّی ایل ہیں۔

20 اور مرار ی کے بیٹے جِن سے اُن کے خاندان چلے مَحلی اور مُوشی ہیں ۔ لاوِیوں کے گھرانے اُن کے آبائی خاندانوں کے مُوافِق یِہی ہیں۔

21 اور جیرسون سے لبِنیوں اور سِمعیوں کے خاندان چلے۔ یہ جیرسونیوں کے خاندان ہیں۔

22 اِن میں جِتنے فرزندِ نرِینہ ایک مہِینے اور اُس سے اُوپر اُوپر کے تھے وہ سب گِنے گئے اور اُن کا شُمار سات ہزار پانچ سَو تھا۔

23 جیرسونیوں کے خاندانوں کے آدمی مسکن کے پِیچھے مغرِب کی طرف اپنے ڈیرے ڈالا کریں۔

24 اور لاایل کا بیٹا اِلیاسف جیرسونیوں کے آبائی خاندانوں کا سردار ہو۔

25 اور خَیمۂِ اِجتماع کے جو سامان بنی جیرسون کی حِفاظت میں سَونپے جائیں وہ یہ ہیں ۔ مسکن اور خَیمہ اور اُس کا غِلاف اور خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ کا پردہ۔

26 اور مسکن اور مذبح کے گِرد کے صحن کے پردے اور صحن کے دروازہ کا پردہ اور وہ سب رسِیّاں جو اُس میں کام آتی ہیں۔

27 اور قہات سے عَمرامِیوں اور اِضہارِیوں اور حبرونیوں اور عُزّی ایلِیوں کے خاندان چلے ۔ یہ قہاتیوں کے خاندان ہیں۔

28 اُن کے فرزند نرِینہ ایک مہِینے اور اُس سے اُوپر اُوپر کے آٹھ ہزار چھ سَو تھے ۔ مَقدِس کی نِگہبانی اِن کے ذِمّہ تھی۔

29 بنی قہات کے خاندانوں کے آدمی مسکن کی جنُوبی سِمت میں اپنے ڈیرے ڈالا کریں۔

30 اور عُزّی ایل کا بیٹا الِیصفن قہاتیوں کے گھرانوں کے آبائی خاندان کا سردار ہو۔

31 اور صندُوق اور میز اور شمعدان اور دونوں مذبحے اور مَقدِس کے ظُروف جو عِبادت کے کام میں آتے ہیں اور پردے اور مَقدِس میں برتنے کا سارا سامان یہ سب اُن کے ذِمّہ ہوں۔

32 اور ہارُون کاہِن کا بیٹا اِلیعزر لاوِیوں کے سرداروں کا سردار اور مَقدِس کے مُتولّیوں کا ناظِر ہو۔

33 مرار ی سے مَحلِیوں اور مُوشیوں کے خاندان چلے ۔ یہ مراریوں کے خاندان ہیں۔

34 اِن میں جِتنے فرزندِ نرینہ ایک مہِینے اور اُس سے اُوپر اُوپر کے تھے وہ چھ ہزار دو سَو تھے۔

35 اور اَبی خَئِیل کا بیٹا صُور ی ایل مراریوں کے گھرانوں کے آبائی خاندان کا سردار ہو ۔ یہ لوگ مسکن کی شِمالی سِمت میں اپنے ڈیرے ڈالا کریں۔

36 اور مسکن کے تختوں اور اُس کے بینڈوں اور سُتُونوں اور خانوں اور اُس کے سب آلات اور اُس کی خِدمت کے سب لوازِم کی مُحافظت۔

37 اور صحن کے گِرداگِرد کے سُتُونوں اور اُن کے خانوں اور میخوں اور رسِّیوں کی نگرانی بنی مراری کے ذِمّہ ہو۔

38 اور مسکن کے آگے مشرِق کی طرف جِدھر سے سُورج نِکلتا ہے یعنی خَیمۂِ اِجتماع کے آگے مُوسیٰ اور ہارُون اور اُس کے بیٹے اپنے ڈیرے ڈالا کریں اور بنی اِسرائیل کے بدلے مَقدِس کی حِفاظت کِیا کریں اور جو اجنبی شخص اُس کے نزدِیک آئے وہ جان سے مارا جائے۔

39 سو لاوِیوں میں سے جِتنے ایک مہِینے اور اُس سے اُوپر اُوپر کی عُمر کے تھے اُن کو مُوسیٰ اور ہارُون نے خُداوند کے حُکم کے مُوافِق اُن کے گھرانوں کے مُطابِق گِنا ۔ وہ شُمار میں بائِیس ہزار تھے۔

لاوی پہلوٹھوں کے عِوضی ٹھہرائے گئے

40 اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ بنی اِسرائیل کے سب نرینہ پہلوٹھے ایک مہِینے اور اُس سے اُوپر اُوپر کے گِن لے اور اُن کے ناموں کا شُمار لگا۔

41 اور بنی اِسرائیل کے سب پہلوٹھوں کے عِوض لاوِیوں کو اور بنی اِسرائیل کے چَوپایوں کے سب پہلوٹھوں کے عِوض لاوِیوں کے چَوپایوں کو میرے لِئے لے مَیں خُداوند ہُوں۔

42 چُنانچہ مُوسیٰ نے خُداوند کے حُکم کے مُطابِق بنی اِسرائیل کے سب پہلوٹھوں کو گِنا۔

43 سو جِتنے نرینہ پہلوٹھے ایک مہِینے اور اُس سے اُوپر اُوپر کی عُمر کے گِنے گئے وہ ناموں کے شُمار کے مُطابِق بائِیس ہزار دو سَو تہتّر تھے۔

44 اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ۔

45 بنی اِسرائیل کے سب پہلوٹھوں کے بدلے لاوِیوں کو اور اُن کے چَوپایوں کے بدلے لاوِیوں کے چَوپایوں کو لے اور لاوی میرے ہوں ۔ مَیں خُداوند ہُوں۔

46 اور بنی اِسرائیل کے پہلوٹھوں میں جو دو سَو تِہتّر لاوِیوں کے شُمار سے زِیادہ ہیں اُن کے فِدیہ کے لِئے۔

47 تُو مَقدِس کی مِثقال کے حِساب سے فی کس پانچ مِثقال لینا (ایک مِثقال بِیس جِیراہ کا ہوتا ہے)۔

48 اور اِن کے فِدیہ کا رُوپیہ جو شُمار میں زِیادہ ہیں تُو ہارُون اور اُس کے بیٹوں کو دینا۔

49 سو جو اُن سے جِن کو لاوِیوں نے چُھڑایا تھا شُمار میں زِیادہ نِکلے تھے اُن کے فِدیہ کا رُوپیہ مُوسیٰ نے اُن سے لِیا۔

50 یہ رُوپیہ اُس نے بنی اِسرائیل کے پہلوٹھوں سے لیا ۔ سو مَقدِس کی مِثقال کے حِساب سے ایک ہزار تِین سَو پینسٹھ مِثقالیں وصُول ہُوئِیں۔

51 اور مُوسیٰ نے خُداوند کے حُکم کے مُطابِق فِدیہ کا رُوپیہ جَیسا خُداوند نے مُوسیٰ کو فرمایا تھا ہارُون اور اُس کے بیٹوں کو دِیا۔

گِنتی 4

لاویوں کے فرِیق قہات کی ذِمّہ داریاں

1 اور خُداوند نے مُوسیٰ اور ہارُون سے کہا کہ۔

2 بنی لاوی میں سے قہاتیوں کو اُن کے گھرانوں اور آبائی خاندانوں کے مُطابِق۔

3 تِیس برس سے لے کر پچاس برس کی عُمر تک کے جِتنے خَیمۂِ اِجتماع میں کام کرنے کے لِئے مَقدِس کی خِدمت میں شامِل ہیں اُن سبھوں کو گِنو۔

4 اور خَیمۂِ اِجتماع میں پاکترین چِیزوں کی نِسبت بنی قہات کا یہ کام ہو گا۔

5 کہ جب لشکر کُوچ کرے تُو ہارُون اور اُس کے بیٹے آئیں اور بِیچ کے پردہ کو اُتاریں اور اُس سے شہادت کے صندُوق کو ڈھانکیں۔

6 اور اُس پر تُخس کی کھالوں کا ایک غِلاف ڈالیں اور اُس کے اُوپر بِالکُل آسمانی رنگ کا کپڑا بِچھائیں اور اُس میں اُس کی چوبیں لگائیں۔

7 اور نذر کی روٹی کی میز پر آسمانی رنگ کا کپڑا بِچھا کر اُس کے اُوپر طباق اور چمچے اور اُنڈیلنے کے کٹورے اور پیالے رکھّیں اور دائِمی روٹی بھی اُس پر ہو۔

8 پِھر وہ اُن پر سُرخ رنگ کا کپڑا بِچھائیں اور اُسے تُخس کی کھالوں کے ایک غِلاف سے ڈھانکیں اور میز میں اُس کی چوبیں لگا دیں۔

9 پِھر آسمانی رنگ کا کپڑا لے کر اُس سے روشنی دینے والے شمعدان کو اور اُس کے چراغوں اور گُلگِیروں اور گُلدانوں اور تیل کے سب ظُروف کو جو شمعدان کے لِئے کام میں آتے ہیں ڈھانکیں۔

10 اور اُس کو اور اُس کے سب ظُروف کو تُخس کی کھالوں کے ایک غِلاف کے اندر رکھ کر اُس غِلاف کو چَوکھٹے پر دھر دیں۔

11 اور زرّ ِین مذبح پر آسمانی رنگ کا کپڑا بِچھائیں اور اُسے تُخس کی کھالوں کے ایک غِلاف سے ڈھانکیں اور اُس کی چوبیں اُس میں لگائیں۔

12 اور سب ظُروف کو جو مَقدِس کی خِدمت کے کام میں آتے ہیں لے کر اُن کو آسمانی رنگ کے کپڑے میں لپیٹیں اور اُن کو تُخس کی کھالوں کے ایک غِلاف سے ڈھانک کر چَوکھٹے پر دھریں۔

13 پِھر وہ مذبح پر سے سب راکھ کو اُٹھا کر اُس کے اُوپر ارغوانی رنگ کا کپڑا بِچھائیں۔

14 اُس کے سب برتن جِن سے اُس کی خِدمت کرتے ہیں جَیسے انگِیٹِھیاں اور سِیخیں اور بیلچے اور کٹورے غرض مذبح کے سب برتن اُس پر رکھّیں اور اُس پر تُخس کی کھالوں کا ایک غِلاف بِچھائیں اور مذبح میں چوبیں لگائیں۔

15 اور جب ہارُون اور اُس کے بیٹے مَقدِس کو اور مَقدِس کے سب اسباب کو ڈھانک چُکیں تب خَیمہ گاہ کے کُوچ کے وقت بنی قہات اُس کے اُٹھانے کے لِئے آئیں ۔ لیکن وہ مَقدِس کو نہ چُھوئیں تا نہ ہو کہ وہ مَر جائیں ۔

خَیمۂِ اِجتماع کی یِہی چِیزیں بنی قہات کے اُٹھانے کی ہیں۔

16 اور رَوشنی کے تیل اور خُوشبُودار بخُور اور دائِمی نذر کی قُربانی اور مَسح کرنے کے تیل اور سارے مسکن اور اُس کے لوازِم کی اور مَقدِس اور اُس کے سامان کی نِگہبانی ہارُون کاہِن کے بیٹے الیِعزر کے ذِمّہ ہو۔

17 اور خُداوند نے مُوسیٰ اور ہارُون سے کہا کہ۔

18 تُم لاوِیوں میں سے قہاتیوں کے قبِیلہ کے خاندانوں کو مُنقطع ہونے نہ دینا۔

19 بلکہ اِس مقصُود سے کہ جب وہ پاکترین چِیزوں کے پاس آئیں تو جِیتے رہیں اور مَر نہ جائیں تُم اُن کے لِئے اَیسا کرنا کہ ہارُون اور اُس کے بیٹے اندر آ کر اُن میں سے ایک ایک کا کام اور بوجھ مُقرّر کر دیں۔

20 لیکن وہ مَقدِس کو دیکھنے کی خاطِر دَم بھر کے لِئے بھی اندر نہ آنے پائیں تا نہ ہو کہ وہ مَر جائیں۔

لاویوں کے فرِیق جیر سون کی ذِمّہ داریاں

21 پِھر خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا۔

22 بنی جیرسون میں سے بھی اُن کے آبائی خاندانوں اور گھرانوں کے مُطابِق۔

23 تِیس برس سے لے کر پچاس برس تک کی عُمر کے جِتنے خَیمۂِ اِجتماع میں کام کرنے کے لِئے مَقدِس کی خِدمت کے وقت حاضِر رہتے ہیں اُن سبھوں کو گِن۔

24 جیرسونیوں کے خاندانوں کا کام خِدمت کرنے اور بوجھ اُٹھانے کا ہے۔

25 وہ مسکن کے پردوں کو اور خَیمۂِ اِجتماع اور اُس کے غِلاف کو اور اُس کے اُوپر کے غِلاف کو جو تُخس کی کھالوں کا ہے اور خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ کے پردہ کو۔

26 اور مسکن اور مذبح کے گِرداگِرد کے صحن کے پردوں کو اور صحن کے دروازہ کے پردہ کو اور اُن کی رسِّیوں کو اور خِدمت کے سب ظُروف کو اُٹھایا کریں اور اِن چِیزوں سے جو جو کام لِیا جاتا ہے وہ بھی یِہی لوگ کِیا کریں۔

27 جیرسونیوں کی اَولاد کا خِدمت کرنے اور بوجھ اُٹھانے کا سارا کام ہارُون اور اُس کے بیٹوں کے حُکم کے مُطابِق ہو اور تُم اُن میں سے ہر ایک کا بوجھ مُقرّر کر کے اُن کے سپُرد کرنا۔

28 خَیمۂِ اِجتماع میں بنی جیرسون کے خاندانوں کا یِہی کام رہے اور وہ ہارُون کاہِن کے بیٹے اِتمر کے ماتحت ہو کر خِدمت کریں۔

لاویوں کے فرِیق مراری کی ذِمّہ داریاں

29 اور بنی مراری میں سے اُن کے آبائی خاندانوں اور گھرانوں کے مُطابِق۔

30 تِیس برس سے لے کر پچاس برس تک کی عُمر کے جِتنے خَیمۂِ اِجتماع میں کام کرنے کے لِئے مَقدِس کی خِدمت کے وقت حاضِر رہتے ہیں اُن سبھوں کو گِن۔

31 اور خَیمۂِ اِجتماع میں جِن چِیزوں کے اُٹھانے کی خِدمت اُن کے ذِمّہ ہو وہ یہ ہیں ۔ مسکن کے تختے اور اُس کے بینڈے اور سُتُون اور سُتُونوں کے خانے۔

32 اور گِرداگِرد کے صحن کے سُتُون اور اُن کے خانے اور اُن کی میخیں اور رسِّیاں اور اُن کے سب آلات اور سارے سامان اور جو چِیزیں اُن کے اُٹھانے کے لِئے تُم مُقرّ ر کرو اُن میں سے ایک ایک کا نام لے کر اُسے اُن کے سپُرد کرو۔

33 بنی مراری کے خاندانوں کو جو کُچھ خِدمت خَیمۂِ اِجتماع میں ہارُون کاہِن کے بیٹے اِتمر کے ماتحت کرنا ہے وہ یِہی ہے۔

لاویوں کی مَردُم شُماری

34 چُنانچہ مُوسیٰ اور ہارُون اور جماعت کے سرداروں نے قہاتیوں کی اَولاد میں سے اُن کے گھرانوں اور آبائی خاندانوں کے مُطابِق۔

35 تِیس برس کی عُمر سے لے کر پچاس برس کی عُمر تک کے جِتنے خَیمۂِ اِجتماع میں کام کرنے کے لِئے مَقدِس کی خِدمت میں شامِل تھے اُن سبھوں کو گِن لِیا۔

36 اور اُن میں سے جِتنے اپنے گھرانوں کے مُوافِق گِنے گئے وہ دو ہزار سات سَو پچاس تھے۔

37 قہاتیوں کے خاندانوں میں سے جِتنے خَیمۂِ اِجتماع میں خِدمت کرتے تھے اُن سبھوں کا شُمار اِتنا ہی ہے ۔ جو حُکم خُداوند نے مُوسیٰ کی معرفت دِیا تھا اُس کے مُطابِق مُوسیٰ اور ہارُون نے اُن کو گِنا۔

38 اور بنی جیرسون میں سے اپنے گھرانوں اور آبائی خاندانوں کے مُطابِق۔

39 تِیس برس سے لے کر پچاس برس کی عُمر تک کے جِتنے خَیمۂِ اِجتماع میں کام کرنے کے لِئے مَقدِس کی خِدمت میں شامِل تھے وہ سب گِنے گئے۔

40 اور جِتنے اپنے گھرانوں اور آبائی خاندانوں کے مُطابِق گِنے گئے وہ دو ہزار چھ سَو تِیس تھے۔

41 سو بنی جیرسون کے خاندانوں میں سے جِتنے خیمۂِ اِجتماع میں خِدمت کرتے تھے اور جِن کو مُوسیٰ اور ہارُون نے خُداوند کے حُکم کے مُطابِق شُمار کِیا وہ اِتنے ہی تھے۔

42 اور بنی مراری کے گھرانوں میں سے اپنے گھرانوں اور آبائی خاندانوں کے مُطابِق۔

43 تِیس برس سے لے کر پچاس برس کی عُمر تک کے جِتنے خَیمۂِ اِجتماع میں کام کرنے کے لِئے مَقدِس کی خِدمت میں شامِل تھے۔

44 وہ سب گِنے گئے اور جِتنے اُن میں سے اپنے گھرانوں کے مُوافِق گِنے گئے وہ تِین ہزار دو سَو تھے۔

45 سو خُداوند کے اُس حُکم کے مُطابِق جو اُس نے مُوسیٰ کی معرفت دِیا تھا جِتنوں کو مُوسیٰ اور ہارُون نے بنی مراری کے خاندانوں میں سے گِنا وہ یِہی ہیں۔

46 الغرض لاوِیوں میں سے جِن کو مُوسیٰ اور ہارُون اور اِسرا ئیل کے سرداروں نے اُن کے گھرانوں اور آبائی خاندانوں کے مُطابِق گِنا۔

47 یعنی تِیس برس سے لے کر پچاس برس کی عُمر تک کے جِتنے خَیمۂِ اِجتماع میں خِدمت کرنے اور بوجھ اُٹھانے کے کام کے لِئے حاضِر ہوتے تھے۔

48 اُن سبھوں کا شُمار آٹھ ہزار پانچ سَو اسّی تھا۔

49 وہ خُداوند کے حُکم کے مُطابِق مُوسیٰ کی معرفت اپنی اپنی خِدمت اور بوجھ اُٹھانے کے کام کے مُطابِق گِنے گئے ۔ یُوں وہ مُوسیٰ کی معرفت جَیسا خُداوند نے اُس کو حُکم دِیا تھا گِنے گئے۔