اِستِثنا 19

پناہ کے شہر

1 جب خُداوند تیرا خُدا اُن قَوموں کو جِن کا مُلک خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو دیتا ہے کاٹ ڈالے اور تُو اُن کی جگہ اُن کے شہروں اور گھروں میں رہنے لگے۔

2 تو تُو اُس مُلک میں جِسے خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو قبضہ کرنے کو دیتا ہے تِین شہر اپنے لِئے الگ کر دینا۔

3 اور تُو ایک راستہ بھی اپنے لِئے تیّار کرنا اور اپنے اُس مُلک کی زمِین کو جِس پر خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو قبضہ دِلاتا ہے تِین حِصّے کرنا تاکہ ہر ایک خُونی وہِیں بھاگ جائے۔

4 اور اُس خُونی کا جو وہاں بھاگ کر اپنی جان بچائے حال یہ ہو کہ اُس نے اپنے ہمسایہ کو نادانِستہ اور بغیر اُس سے قدِیمی عداوت رکھّے مار ڈالا ہو۔

5 مثلاً کوئی شخص اپنے ہمسایہ کے ساتھ لکڑِیاں کاٹنے کو جنگل میں جائے اور کُلہاڑا ہاتھ میں اُٹھائے تاکہ درخت کاٹے اور کُلہاڑا دستے سے نِکل کر اُس کے ہمسایہ کے جا لگے اور وہ مَر جائے تو وہ اِن شہروں میں سے کِسی میں بھاگ کر جِیتا بچے۔

6 تا اَیسا نہ ہو کہ راستہ کی لمبائی کے سبب سے خُون کا اِنتِقام لینے والا اپنے جوشِ غضب میں خُونی کا پِیچھا کر کے اُس کو جا پکڑے اور اُسے قتل کرے حالانکہ وہ واجِبُ القتل نہیں کیونکہ اُسے مقتُول سے قدِیمی عداوت نہ تھی۔

7 اِس لِئے مَیں تُجھ کو حُکم دیتا ہُوں کہ تُو اپنے لِئے تِین شہر الگ کر دینا۔

8 اور اگر خُداوند تیرا خُدا اُس قَسم کے مُطابِق جو اُس نے تیرے باپ دادا سے کھائی تیری سرحد کو بڑھا کر وہ سب مُلک جِس کے دینے کا وعدہ اُس نے تیرے باپ دادا سے کِیا تھا تُجھ کو دے۔

9 اور تُو اِن سب حُکموں پر جو آج کے دِن مَیں تُجھ کو دیتا ہُوں دِھیان کر کے عمل کرے اور خُداوند اپنے خُدا سے مُحبّت رکھّے اور ہمیشہ اُس کی راہوں پر چلے تو اِن تِین شہروں کے عِلاوہ تِین شہر اَور اپنے لِئے الگ کر دینا۔

10 تاکہ تیرے مُلک کے بِیچ جِسے خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو مِیراث میں دیتا ہے بے گُناہ کا خُون بہایا نہ جائے اور وہ خُون یُوں تیری گردن پر ہو۔

11 لیکن اگر کوئی شخص اپنے ہمسایہ سے عداوت رکھتا ہُؤا اُس کی گھات میں لگے اور اُس پر حملہ کر کے اُسے اَیسا مارے کہ وہ مَر جائے اور وہ خُود اُن شہروں میں سے کِسی میں بھاگ جائے۔

12 تو اُس کے شہر کے بزُرگ لوگوں کو بھیج کر اُسے وہاں سے پکڑوا منگوائیں اور اُس کو خُون کے اِنتِقام لینے والے کے ہاتھ میں حوالہ کریں تاکہ وہ قتل ہو۔

13 تُجھ کو اُس پر ذرا ترس نہ آئے بلکہ تُو اِس طرح بے گُناہ کے خُون کو اِسرا ئیل سے دفع کرنا تاکہ تیرا بھلا ہو۔

قدیم حُدُود کا اِحترام

14 تُو اُس مُلک میں جِسے خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو قبضہ کرنے کو دیتا ہے اپنے ہمسایہ کی حدّ کا نِشان جِس کو اگلے لوگوں نے تیری مِیراث کے حِصّہ میں ٹھہرایا ہو مت ہٹانا۔

گواہوں کے بارے میں

15 کِسی شخص کے خِلاف اُس کی کِسی بدکاری یا گُناہ کے بارے میں جو اُس سے سرزد ہو ایک ہی گواہ بس نہیں بلکہ دو گواہوں یا تِین گواہوں کے کہنے سے بات پکّی سمجھی جائے۔

16 اگر کوئی جُھوٹا گواہ اُٹھ کر کِسی آدمی کی بدی کی نِسبت گواہی دے۔

17 تو وہ دونوں آدمی جِن کے بِیچ یہ جھگڑا ہو خُداوند کے حضُور کاہِنوں اور اُن دِنوں کے قاضِیوں کے آگے کھڑے ہوں۔

18 اور قاضی خُوب تحقِیقات کریں اور اگر وہ گواہ جُھوٹا نِکلے اور اُس نے اپنے بھائی کے خِلاف جُھوٹی گواہی دی ہو۔

19 تو جو حال اُس نے اپنے بھائی کا کرنا چاہا تھا وُہی تُم اُس کا کرنا اور یُوں تُو اَیسی بُرائی کو اپنے درمیان سے دفع کر دینا۔

20 اور دُوسرے لوگ سُن کر ڈریں گے اور تیرے بِیچ پِھر اَیسی بُرائی نہیں کریں گے۔

21 اور تُجھ کو ذرا ترس نہ آئے ۔ جان کا بدلہ جان ۔ آنکھ کا بدلہ آنکھ ۔ دانت کا بدلہ دانت ۔ ہاتھ کا بدلہ ہاتھ اور پاؤں کا بدلہ پاؤں ہو۔

اِستِثنا 20

جنگ کے بارے میں

1 جب تُو اپنے دُشمنوں سے جنگ کرنے کو جائے اور گھوڑوں اور رتھوں اور اپنے سے بڑی فَوج کو دیکھے تو اُن سے ڈر نہ جانا کیونکہ خُداوند تیرا خُدا جو تُجھ کو مُلکِ مِصر سے نِکال لایا تیرے ساتھ ہے۔

2 اور جب معرکۂِ جنگ میں تُمہاری مُٹھ بھیڑ ہونے کو ہو تو کاہِن فَوج کے آدمِیوں کے پاس جا کر اُن کی طرف مُخاطِب ہو۔

3 اور اُن سے کہے سُنو اَے اِسرائیلیو! تُم آج کے دِن اپنے دُشمنوں کے مُقابلہ کے لِئے معرکۂِ جنگ میں آئے ہو سو تُمہارا دِل ہِراسان نہ ہو ۔ تُم نہ خَوف کرو نہ کانپو ۔ نہ اُن سے دہشت کھاؤ۔

4 کیونکہ خُداوند تُمہارا خُدا تُمہارے ساتھ ساتھ چلتا ہے تاکہ تُم کو بچانے کو تُمہاری طرف سے تُمہارے دُشمنوں سے جنگ کرے۔

5 پِھر فَوجی حُکّام لوگوں سے یُوں کہیں کہ تُم میں سے جِس کِسی نے نیا گھر بنایا ہو اور اُسے مخصُوص نہ کِیا ہو وہ اپنے گھر کو لَوٹ جائے تا نہ ہو کہ وہ جنگ میں قتل ہو اور دُوسرا شخص اُسے مخصُوص کرے۔

6 اور جِس کِسی نے تاکِستان لگایا ہو پر اب تک اُس کا پَھل اِستعمال نہ کِیا ہو وہ بھی اپنے گھر کو لَوٹ جائے تا نہ ہو کہ وہ جنگ میں مارا جائے اور دُوسرا آدمی اُس کا پَھل کھائے۔

7 اور جِس نے کِسی عَورت سے اپنی منگنی تو کر لی ہو پر اُسے بیاہ کر نہیں لایا ہے وہ بھی اپنے گھر کو لَوٹ جائے تا نہ ہو کہ وہ لڑائی میں مارا جائے اور دُوسرا مَرد اُس سے بیاہ کرے۔

8 اور فَوجی حُکّام لوگوں کی طرف مُخاطِب ہو کر اُن سے یہ بھی کہیں کہ جو شخص ڈرپوک اور کچّے دِل کا ہو وہ بھی اپنے گھر کو لَوٹ جائے تا نہ ہو کہ اُس کی طرح اُس کے بھائِیوں کا حَوصلہ بھی ٹُوٹ جائے۔

9 اور جب فَوجی حُکّام یہ سب کُچھ لوگوں سے کہہ چُکیں تو لشکر کے سرداروں کو اُن پر مُقرّر کر دیں۔

10 جب تُو کِسی شہر سے جنگ کرنے کو اُس کے نزدِیک پُہنچے تو پہلے اُسے صُلح کا پَیغام دینا۔

11 اور اگر وہ تُجھ کو صُلح کا جواب دے اور اپنے پھاٹک تیرے لِئے کھول دے تو وہاں کے سب باشِندے تیرے باج گُذار بن کر تیری خِدمت کریں۔

12 اور اگر وہ تُجھ سے صُلح نہ کرے بلکہ تُجھ سے لڑنا چاہے تو تُو اُس کا مُحاصرہ کرنا۔

13 اور جب خُداوند تیرا خُدا اُسے تیرے قبضہ میں کر دے تو وہاں کے ہر مَرد کو تلوار سے قتل کر ڈالنا۔

14 لیکن عَورتوں اور بال بچّوں اور چَوپایوں اور اُس شہر کے سب مال اور لُوٹ کو اپنے لِئے رکھ لینا اور تُو اپنے دُشمنوں کی اُس لُوٹ کو جو خُداوند تیرے خُدا نے تُجھ کو دی ہو کھانا۔

15 اُن سب شہروں کا یِہی حال کرنا جو تُجھ سے بُہت دُور ہیں اور اِن قَوموں کے شہر نہیں ہیں۔

16 پر اِن قَوموں کے شہروں میں جِن کو خُداوند تیرا خُدا مِیراث کے طَور پر تُجھ کو دیتا ہے کِسی ذی نفس کو جِیتا نہ بچا رکھنا۔

17 بلکہ تُو اِن کو یعنی حِتّی اور اموری اور کنعانی اور فرِزّی اور حوّی اور یبُوسی قَوموں کو جَیسا خُداوند تیرے خُدا نے تُجھ کو حُکم دِیا ہے بِالکُل نیست کر دینا۔

18 تاکہ وہ تُم کو اپنے سے مکرُوہ کام کرنے نہ سِکھائیں جو اُنہوں نے اپنے دیوتاؤں کے لِئے کِئے ہیں اور یُوں تُم خُداوند اپنے خُدا کے خِلاف گُناہ کرنے لگو۔

19 جب تُو کِسی شہر کو فتح کرنے کے لِئے اُس سے جنگ کرے اور مُدّت تک اُس کا مُحاصرہ کِئے رہے تو اُس کے درختوں کو کُلہاڑی سے نہ کاٹ ڈالنا کیونکہ اُن کا پَھل تیرے کھانے کے کام میں آئے گا سو تُو اُن کو مت کاٹنا کیونکہ کیا مَیدان کا درخت اِنسان ہے کہ تُو اُس کا مُحاصرہ کرے؟۔

20 سو فقط اُن ہی درختوں کو کاٹ کر اُڑا دینا جو تیری دانِست میں کھانے کے مطلب کے نہ ہوں اور تُو اُس شہر کے مُقابِل جو تُجھ سے جنگ کرتا ہو بُرجوں کو بنا لینا جب تک وہ سر نہ ہو جائے۔

اِستِثنا 21

اَن حل قتل کے بارے میں

1 اگر اُس مُلک میں جِسے خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو قبضہ کرنے کو دیتا ہے کِسی مقتُول کی لاش مَیدان میں پڑی ہُوئی مِلے اور یہ معلُوم نہ ہو کہ اُس کا قاتِل کَون ہے۔

2 تو تیرے بزُرگ اور قاضی نِکل کر اُس مقتُول کے گِرداگِرد کے شہروں کے فاصِلہ کو ناپیں۔

3 اور جو شہر اُس مقتُول کے سب سے نزدِیک ہو اُس شہر کے بزُرگ ایک بچھیا لیں جِس سے کبھی کوئی کام نہ لِیا گیا ہو اور نہ وہ جُوئے میں جوتی گئی ہو۔

4 اور اُس شہر کے بزُرگ اُس بچھیا کو بہتے پانی کی وادی میں جِس میں نہ ہل چلا ہو اور نہ اُس میں کُچھ بویا گیا ہو لے جائیں اور وہاں اُس وادی میں اُس بچھیا کی گردن توڑ دیں۔

5 تب بنی لاوی جو کاہِن ہیں نزدِیک آئیں کیونکہ خُداوند تیرے خُدا نے اُن کو چُن لِیا ہے کہ خُداوند کی خِدمت کریں اور اُس کے نام سے برکت دِیا کریں اور اُن ہی کے کہنے کے مُطابِق ہر جھگڑے اور مار پِیٹ کے مُقدّمہ کا فَیصلہ ہُؤا کرے۔

6 پِھراِس شہر کے سب بزُرگ جو اُس مقتُول کے سب سے نزدِیک رہنے والے ہوں اُس بچھیا کے اُوپر جِس کی گردن اُس وادی میں توڑی گئی اپنے اپنے ہاتھ دھوئیں۔

7 اور یُوں کہیں کہ ہمارے ہاتھ سے یہ خُون نہیں ہُؤا اور نہ یہ ہماری آنکھوں کا دیکھا ہُؤا ہے۔

8 سو اَے خُداوند اپنی قَوم اِسرائیل کو جِسے تُو نے چُھڑایا ہے مُعاف کر اور بے گُناہ کے خُون کو اپنی قَوم اِسرائیل کے ذِمّہ نہ لگا ۔ تب وہ خُون اُن کو مُعاف کر دِیا جائے گا۔

9 یُوں تُو اُس کام کو کر کے جو خُداوند کے نزدِیک درُست ہے بے گُناہ کے خُون کی جواب دِہی کو اپنے اُوپر سے دُور و دفع کرنا۔

جنگی اسیِر عَورتوں کے بارے میں

10 جب تُو اپنے دُشمنوں سے جنگ کرنے کو نِکلے اور خُداوند تیرا خُدا اُن کو تیرے ہاتھ میں کر دے اور تُو اُن کو اسِیرکر لائے۔

11 اور اُن اسِیروں میں کِسی خُوبصُورت عَورت کو دیکھ کر تُو اُس پر فریفتہ ہو جائے اور اُس کو بیاہ لینا چاہے۔

12 تو تُو اُسے اپنے گھر لے آنا اور وہ اپنا سر مُنڈوائے اور اپنے ناخُن ترشوائے۔

13 اور اپنی اسِیری کا لِباس اُتار کر تیرے گھر میں رہے اور ایک مہِینہ تک اپنے ماں باپ کے لِئے ماتم کرے ۔ اِس کے بعد تُو اُس کے پاس جا کر اُس کا شَوہر ہونا اور وہ تیری بِیوی بنے۔

14 اور اگر وہ تُجھ کو نہ بھائے تو جہاں وہ چاہے اُس کو جانے دینا لیکن رُوپَے کی خاطِر اُس کو ہرگِز نہ بیچنا اور اُس سے لَونڈی کا سا سلُوک نہ کرنا اِس لِئے کہ تُو نے اُس کی حُرمت لے لی ہے۔

پہلَوٹھے کا حقِ وارثت

15 اگر کِسی مَرد کی دو بِیویاں ہوں اور ایک محبُوبہ اور دُوسری غَیر محبُوبہ ہو اور محبُوبہ اور غَیر محبُوبہ دونوں سے لڑکے ہوں اور پہلوٹھا بیٹا غَیر محبُوبہ سے ہو۔

16 تو جب وہ اپنے بیٹوں کو اپنے مال کا وارِث کرے تو وہ محبُوبہ کے بیٹے کو غَیر محبُوبہ کے بیٹے پر جو فی الحقِیقت پہلوٹھا ہے فوقِیّت دے کر پہلوٹھا نہ ٹھہرائے۔

17 بلکہ وہ غَیر محبُوبہ کے بیٹے کو اپنے سب مال کا دُونا حِصّہ دے کر اُسے پہلوٹھا مانے کیونکہ وہ اُس کی قُوّت کی اِبتدا ہے اور پہلوٹھے کا حق اُسی کا ہے۔

نافرمان بیٹے کے بارے میں

18 اگر کِسی آدمی کا ضِدّی اور گردن کش بیٹا ہو جو اپنے باپ یا ماں کی بات نہ مانتا ہو اور اُن کے تنبِیہ کرنے پر بھی اُن کی نہ سُنتا ہو۔

19 تو اُس کے ماں باپ اُسے پکڑ کر اور نِکال کر اُس شہر کے بزُرگوں کے پاس اُس جگہ کے پھاٹک پر لے جائیں۔

20 اور وہ اُس کے شہر کے بزُرگوں سے عرض کریں کہ یہ ہمارا بیٹا ضِدّی اور گردن کش ہے ۔ یہ ہماری بات نہیں مانتا اور اُڑاؤُ اور شرابی ہے۔

21 تب اُس کے شہر کے سب لوگ اُسے سنگسار کریں کہ وہ مَر جائے ۔ یُوں تُو اَیسی بُرائی کو اپنے درمیان سے دُور کرنا ۔ تب سب اِسرائیلی سُن کر ڈر جائیں گے۔

مُختلف آئِین وضوابِط

22 اور اگر کِسی نے کوئی اَیسا گُناہ کِیا ہو جِس سے اُس کا قتل واجِب ہو اور تُو اُسے مار کر درخت سے ٹانگ دے۔

23 تواُس کی لاش رات بھر درخت پر لٹکی نہ رہے بلکہ تُو اُسی دِن اُسے دفن کر دینا کیونکہ جِسے پھانسی مِلتی ہے وہ خُدا کی طرف سے ملعُون ہے تا نہ ہو کہ تُو اُس مُلک کو ناپاک کر دے جِسے خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو مِیراث کے طَور پر دیتا ہے۔

اِستِثنا 22

1 0تُو اپنے بھائی کے بَیل یا بھیڑ کو بھٹکتی دیکھ کر اُس سے رُوپوشی نہ کرنا بلکہ ضرُور تُو اُس کو اپنے بھائی کے پاس پُہنچا دینا۔

2 اور اگر تیرا بھائی تیرے نزدِیک نہ رہتا ہو یا تُو اُس سے واقِف نہ ہو تو تُو اُس جانور کو اپنے گھر لے آنا اور وہ تیرے پاس رہے جب تک تیرا بھائی اُس کی تلاش نہ کرے ۔ تب تُو اُسے اُس کو دے دینا۔

3 تُو اُس کے گدھے اور اُس کے کپڑے سے بھی اَیسا ہی کرنا ۔ غرض جو کُچھ تیرے بھائی سے کھویا جائے اور تُجھ کو مِلے تُو اُس سے اَیسا ہی کرنا اور رُوپوشی نہ کرنا۔

4 تُو اپنے بھائی کا گدھا یا بَیل راستہ میں گِرا ہُؤا دیکھ کر اُس سے رُوپوشی نہ کرنا بلکہ ضرُور اُس کے اُٹھانے میں اُس کی مدد کرنا۔

5 عَورت مَرد کا لِباس نہ پہنے اور نہ مَرد عَورت کی پوشاک پہنے کیونکہ جو اَیسے کام کرتا ہے وہ خُداوند تیرے خُدا کے نزدِیک مکرُوہ ہے۔

6 اگر راہ چلتے اِتفاقاً کِسی پرِندہ کا گھونسلا درخت یا زمِین پر بچّوں یا انڈوں سمیت تُجھ کو مِل جائے اور ماں بچّوں یا انڈوں پر بَیٹھی ہُوئی ہو تو تُو بچّوں کو ماں سمیت نہ پکڑ لینا۔

7 بچّوں کو تُو لے تو لے پر ماں کو ضرُور چھوڑ دینا تاکہ تیرا بھلا ہو اور تیری عُمردراز ہو۔

8 جب تُو کوئی نیا گھر بنائے تو اپنی چھت پر مُنڈیر ضرُور لگانا تا نہ ہو کہ کوئی آدمی وہاں سے گِرے اور تیرے سبب سے وہ خُون تیرے ہی گھر والوں پر ہو۔

9 تُو اپنے تاکِستان میں دو قِسم کے بِیج نہ بونا تا نہ ہو کہ سارا پَھل یعنی جوبِیج تُو نے بویا اور تاکِستان کی پَیداوار دونوں ضبط کر لِئے جائیں۔

10 تُو بَیل اور گدھے دونوں کو ایک ساتھ جوت کر ہل نہ چلانا۔

11 تُو اُون اور سَن دونوں کی مِلاوٹ کا بُنا ہُؤا کپڑا نہ پہننا۔

12 تُو اپنے اوڑھنے کی چادر کے چاروں کناروں پر جھالر لگایا کرنا۔

جِنسی افعال میں پاکِیزگی

13 اگر کوئی مَرد کِسی عَورت کو بیاہے اور اُس کے پاس جائے اور بعد اُس کے اُس سے نفرت کر کے۔

14 شرمناک باتیں اُس کے حق میں کہے اور اُسے بدنام کرنے کے لِئے یہ دعویٰ کرے کہ مَیں نے اِس عَورت سے بیاہ کِیا اور جب میں اُس کے پاس گیا تو مَیں نے کُنوارے پن کے نِشان اُس میں نہیں پائے۔

15 تب اُس لڑکی کا باپ اور اُس کی ماں اُس لڑکی کے کُنوارے پن کے نِشانوں کو اُس شہر کے پھاٹک پر بزُرگوں کے پاس لے جائیں۔

16 اور اُس لڑکی کا باپ بزُرگوں سے کہے کہ مَیں نے اپنی بیٹی اِس شخص کو بیاہ دی پر یہ اُس سے نفرت رکھتا ہے۔

17 اور شرمناک باتیں اُس کے حق میں کہتا اور یہ دعویٰ کرتا ہے کہ مَیں نے تیری بیٹی میں کُنوارے پن کے نِشان نہیں پائے حالانکہ میری بیٹی کے کُنوارے پن کے نِشان یہ مَوجُود ہیں ۔ پِھر وہ اُس چادر کو شہر کے بزُرگوں کے آگے پَھیلا دیں۔

18 تب شہر کے بزُرگ اُس شخص کو پکڑ کر اُسے کوڑے لگائیں۔

19 اور اُس سے چاندی کی سَو مِثقال جُرمانہ لے کر اُس لڑکی کے باپ کو دیں اِس لِئے کہ اُس نے ایک اِسرائیلی کُنواری کو بدنام کِیا اور وہ اُس کی بِیوی بنی رہے اور وہ زِندگی بھر اُس کو طلاق نہ دینے پائے۔

20 پر اگر یہ بات سچ ہو کہ لڑکی میں کُنوارے پن کے نِشان نہیں پائے گئے۔

21 تو وہ اُس لڑکی کو اُس کے باپ کے گھر کے دروازہ پر نِکال لائیں اور اُس کے شہر کے لوگ اُسے سنگسار کریں کہ وہ مَر جائے کیونکہ اُس نے اِسرائیل کے درمیان شرارت کی کہ اپنے باپ کے گھر میں فاحِشہ پن کِیا ۔ یُوں تُو اَیسی بُرائی کو اپنے درمیان سے دفع کرنا۔

22 اگر کوئی مَرد کِسی شَوہر والی عَورت سے زِنا کرتے پکڑا جائے تو وہ دونوں مار ڈالے جائیں یعنی وہ مَرد بھی جِس نے اُس عَورت سے صُحبت کی اور وہ عَورت بھی ۔ یُوں تُو اِسرائیل میں سے اَیسی بُرائی کو دفع کرنا۔

23 اگر کوئی کُنواری لڑکی کِسی شخص سے منسُوب ہو گئی ہو اور کوئی دُوسرا آدمی اُسے شہر میں پا کر اُس سے صُحبت کرے۔

24 تو تُم اُن دونوں کو اُس شہر کے پھاٹک پر نِکال لانا اور اُن کو تُم سنگسار کر دینا کہ وہ مَر جائیں ۔ لڑکی کو اِس لِئے کہ وہ شہر میں ہوتے ہُوئے نہ چِلاّئی اور مَرد کو اِس لِئے کہ اُس نے اپنے ہمسایہ کی بِیوی کو بے حُرمت کِیا ۔ یُوں تُو اَیسی بُرائی کو اپنے درمیان سے دفع کرنا۔

25 پر اگر اُس آدمی کو وُہی لڑکی جِس کی نِسبت ہو چُکی ہو کِسی مَیدان یا کھیت میں مِل جائے اور وہ آدمی جبراً اُس سے صُحبت کرے تو فقط وہ آدمی ہی جِس نے صُحبت کی مار ڈالا جائے۔

26 پر اُس لڑکی سے کُچھ نہ کرنا کیونکہ لڑکی کا اَیسا گُناہ نہیں جِس سے وہ قتل کے لائِق ٹھہرے اِس لِئے کہ یہ بات اَیسی ہے جَیسے کوئی اپنے ہمسایہ پر حملہ کرے اور اُسے مار ڈالے۔

27 کیونکہ وہ لڑکی اُسے مَیدان میں مِلی اور وہ منسُوبہ لڑکی چِلاّئی بھی پر وہاں کوئی اَیسا نہ تھا جو اُسے چُھڑاتا۔

28 اگر کِسی آدمی کو کوئی کُنواری لڑکی مِل جائے جِس کی نِسبت نہ ہُوئی ہو اور وہ اُسے پکڑ کر اُس سے صُحبت کرے اور دونوں پکڑے جائیں۔

29 تو وہ مَرد جِس نے اُس سے صُحبت کی ہو لڑکی کے باپ کو چاندی کی پچاس مِثقال دے اور وہ لڑکی اُس کی بِیوی بنے کیونکہ اُس نے اُسے بے حُرمت کِیا اور وہ اُسے اپنی زِندگی بھر طلاق نہ دینے پائے۔

30 کوئی شخص اپنے باپ کی بِیوی سے بیاہ نہ کرے اور اپنے باپ کے دامن کو نہ کھولے۔

اِستِثنا 23

خُداوند (یہوواہ ) کی جماعت سے اِخراج

1 جِس کے خُصئے کُچلے گئے ہوں یا آلت کاٹ ڈالی گئی ہو وہ خُداوند کی جماعت میں آنے نہ پائے۔

2 کوئی حرام زادہ خُداوند کی جماعت میں داخِل نہ ہو ۔ دسوِیں پُشت تک اُس کی نسل میں سے کوئی خُداوند کی جماعت میں آنے نہ پائے۔

3 کوئی عَمُّونی یا موآبی خُداوند کی جماعت میں داخِل نہ ہو۔ دسوِیں پُشت تک اُن کی نسل میں سے کوئی خُداوند کی جماعت میں کبھی آنے نہ پائے۔

4 اِس لِئے کہ جب تُم مِصر سے نِکل کر آ رہے تھے تو اُنہوں نے روٹی اور پانی لے کر راستہ میں تُمہارا اِستِقبال نہیں کِیا بلکہ بعُور کے بیٹے بلعا م کو مسوپتامیہ کے فتور سے اُجرت پر بُلوایا تاکہ وہ تُجھ پر لَعنت کرے۔

5 لیکن خُداوند تیرے خُدا نے بلعا م کی نہ سُنی بلکہ خُداوند تیرے خُدا نے تیرے لِئے اُس لَعنت کو برکت سے بدل دِیا اِس لِئے کہ خُداوند تیرے خُدا کو تُجھ سے مُحبّت تھی۔

6 تُو اپنی زِندگی بھر کبھی اُن کی سلامتی یا سعادت کا خواہاں نہ ہونا۔

7 تُو کِسی ادُومی سے نفرت نہ رکھنا کیونکہ وہ تیرا بھائی ہے ۔ تُو کِسی مِصری سے بھی نفرت نہ رکھنا کیونکہ تُو اُس کے مُلک میں پردیسی ہو کر رہا تھا۔

8 اُن کی تِیسری پُشت کے جو لڑکے پَیدا ہوں وہ خُداوند کی جماعت میں آنے پائیں۔

لشکر گاہ کو پاک صاف رکھنا

9 جب تُو اپنے دُشمنوں سے لڑنے کے لِئے دَل باندھ کر نِکلے تو اپنے کو ہر بُری چِیز سے بچائے رکھنا۔

10 اگر تُمہارے درمیان کوئی اَیسا آدمی ہو جو رات کو اِحتِلام کے سبب سے ناپاک ہو گیا ہو تو وہ خَیمہ گاہ سے باہر نِکل جائے اور خَیمہ گاہ کے اندر نہ آئے۔

11 لیکن جب شام ہونے لگے تو وہ پانی سے غُسل کرے اور جب آفتاب غُروب ہو جائے تو خَیمہ گاہ میں آئے۔

12 اور خَیمہ گاہ کے باہر تُو کوئی جگہ اَیسی ٹھہرا دینا جہاں تُو اپنی حاجت کے لِئے جا سکے۔

13 اور اپنے ساتھ اپنے ہتھیاروں میں ایک میخ بھی رکھنا تاکہ جب باہر تُجھے حاجت کے لِئے بَیٹھنا ہو تو اُس سے جگہ کھود لِیا کرے اور لَوٹتے وقت اپنے فُضلہ کو ڈھانک دِیا کرے۔

14 اِس لِئے کہ خُداوند تیرا خُدا تیری خَیمہ گاہ میں پِھرا کرتا ہے تاکہ تُجھ کو بچائے اور تیرے دُشمنوں کو تیرے ہاتھ میں کر دے سو تیری خَیمہ گاہ پاک رہے تا نہ ہو کہ وہ تُجھ میں نجاست کو دیکھ کر تُجھ سے پِھر جائے۔

مُختلف قواعدوضوابِط

15 اگر کِسی کا غُلام اپنے آقا کے پاس سے بھاگ کر تیرے پاس پناہ لے تو تُو اُسے اُس کے آقا کے حَوالہ نہ کر دینا۔

16 بلکہ وہ تیرے ساتھ تیرے ہی درمیان تیری بستِیوں میں سے جو اُسے اچّھی لگے اُسے چُن کر اُسی جگہ رہے ۔ سو تُو اُسے ہرگِز نہ ستانا۔

17 اِسرائیلی لڑکِیوں میں کوئی فاحِشہ نہ ہو اور نہ اِسرائیلی لڑکوں میں کوئی لُوطی ہو۔

18 تُو کِسی فاحِشہ کی خرچی یا کُتّے کی اُجرت کِسی مَنّت کے لِئے خُداوند اپنے خُدا کے گھر میں نہ لانا کیونکہ یہ دونوں خُداوند تیرے خُدا کے نزدِیک مکرُوہ ہیں۔

19 تُو اپنے بھائی کو سُود پر قرض نہ دینا خواہ وہ رُوپَے کا سُود ہو یا اناج کا سُود یا کِسی اَیسی چِیز کا سُود ہو جو بیاج پر دی جایا کرتی ہے۔

20 تُو پردیسی کو سُود پر قرض دے تو دے پر اپنے بھائی کو سُود پر قرض نہ دینا تاکہ خُداوند تیرا خُدا اُس مُلک میں جِس پر تُو قبضہ کرنے جا رہا ہے تیرے سب کاموں میں جِن کو تُو ہاتھ لگائے تُجھ کو برکت دے۔

21 جب تُو خُداوند اپنے خُدا کی خاطِر مَنّت مانے تو اُس کے پُورا کرنے میں دیر نہ کرنا اِس لِئے کہ خُداوند تیرا خُدا ضرُور اُس کو تُجھ سے طلب کرے گا تب تُو گُنہگار ٹھہرے گا۔

22 لیکن اگر تُو مَنّت نہ مانے تو تیرا کوئی گُناہ نہیں۔

23 جو کُچھ تیرے مُنہ سے نِکلے اُسے دھیان کر کے پُورا کرنا اور جَیسی مَنّت تُو نے خُداوند اپنے خُدا کے لِئے مانی ہو اُس کے مُطابِق رضا کی قُربانی جِس کا وعدہ تیری زُبان سے ہُؤا گُذراننا۔

24 جب تُو اپنے ہمسایہ کے تاکِستان میں جائے تو جِتنے انگُور چاہے پیٹ بھر کر کھانا پر کُچھ اپنے برتن میں نہ رکھ لینا۔

25 جب تُو اپنے ہمسایہ کے کھڑے کھیت میں جائے تو اپنے ہاتھ سے بالیں توڑ سکتا ہے پر اپنے ہمسایہ کے کھڑے کھیت کو ہنسوا نہ لگانا۔

اِستِثنا 24

طلاق اور دُوسرا بیاہ

1 اگر کوئی مَرد کِسی عَورت سے بیاہ کرے اور پِیچھے اُس میں کوئی اَیسی بیہُودہ بات پائے جِس سے اُس عَورت کی طرف اُس کی اِلِتفات نہ رہے تو وہ اُس کا طلاق نامہ لِکھ کر اُس کے حَوالہ کرے اور اُسے اپنے گھر سے نِکال دے۔

2 اور جب وہ اُس کے گھر سے نِکل جائے تو وہ دُوسرے مَرد کی ہو سکتی ہے۔

3 پر اگر دُوسرا شَوہر بھی اُس سے ناخُوش رہے اور اُس کا طلاق نامہ لِکھ کر اُس کے حَوالہ کرے اور اُسے اپنے گھر سے نِکال دے یا وہ دُوسرا شوہرجِس نے اُس سے بیاہ کِیا ہو مَر جائے۔

4 تو اُس کا پہلا شَوہر جِس نے اُسے نِکال دِیا تھا اُس عَورت کے ناپاک ہو جانے کے بعد پِھر اُس سے بیاہ نہ کرنے پائے کیونکہ اَیسا کام خُداوند کے نزدِیک مکرُوہ ہے ۔ سو تُو اُس مُلک کو جِسے خُداوند تیرا خُدا مِیراث کے طَور پر تُجھ کو دیتا ہے گُنہگار نہ بنانا۔

مُختلف قواعدوضوابِط

5 جب کِسی نے کوئی نئی عَورت بیاہی ہو تو وہ جنگ کے لِئے نہ جائے اور نہ کوئی کام اُس کے سپُرد ہو ۔ وہ سال بھر تک اپنے ہی گھر میں آزاد رہ کر اپنی بیاہی ہُوئی بِیوی کو خُوش رکھّے۔

6 کوئی شخص چکّی کو یا اُس کے اُوپر کے پاٹ کو گِرَو نہ رکھّے کیونکہ یہ تو گویا آدمی کی جان کو گِرَو رکھنا ہے۔

7 اگر کوئی شخص اپنے اِسرائیلی بھائِیوں میں سے کِسی کو غُلام بنائے یا بیچنے کی نِیّت سے چُراتا ہُؤا پکڑا جائے تو وہ چور مار ڈالا جائے ۔ یُوں تُو اَیسی بُرائی اپنے درمیان سے دفع کرنا۔

8 تُو کوڑھ کی بِیماری کی طرف سے ہوشیار رہنا اور لاوی کاہِنوں کی سب باتوں کو جو وہ تُم کو بتائیں جانفشانی سے ماننا اور اُن کے مُطابِق عمل کرنا جَیسا مَیں نے اُن کو حُکم کِیا ہے وَیسا دھیان دے کر کرنا۔

9 تُو یاد رکھنا کہ خُداوند تیرے خُدا نے جب تُم مِصر سے نِکل کر آ رہے تھے تو راستہ میں مریم سے کیا کِیا۔

10 جب تُو اپنے بھائی کو کُچھ قرض دے تو گِرَو کی چِیز لینے کو اُس کے گھر میں نہ گُھسنا۔

11 تُو باہر ہی کھڑے رہنا اور وہ شخص جِسے تُو قرض دے خُود گِرَو کی چِیز باہر تیرے پاس لائے۔

12 اور اگر وہ شخص مِسکِین ہو تو اُس کی گِرَو کی چِیز کو پاس رکھ کر سو نہ جانا۔

13 بلکہ جب آفتاب غُروب ہونے لگے تو اُس کی چِیز اُسے پھیر دینا تاکہ وہ اپنا اوڑھنا اوڑھ کر سوئے اور تُجھ کو دُعا دے اور یہ بات تیرے لِئے خُداوند تیرے خُدا کے حضُور راستبازی ٹھہرے گی۔

14 تُو اپنے غرِیب اور مُحتاج خادِم پر ظُلم نہ کرنا خواہ وہ تیرے بھائِیوں میں سے ہو خواہ اُن پردیسیوں میں سے جو تیرے مُلک کے اندر تیری بستِیوں میں رہتے ہوں۔

15 تُو اُسی دِن اِس سے پہلے کہ آفتاب غُروب ہو اُس کی مزدُوری اُسے دینا کیونکہ وہ غرِیب ہے اور اُس کا دِل مزدُوری میں لگا رہتا ہے تا نہ ہو کہ وہ خُداوند سے تیرے خِلاف فریاد کرے اور یہ تیرے حق میں گُناہ ٹھہرے۔

16 بیٹوں کے بدلے باپ مارے نہ جائیں نہ باپ کے بدلے بیٹے مارے جائیں ۔ ہر ایک اپنے ہی گُناہ کے سبب سے مارا جائے۔

17 تُو پردیسی یا یتِیم کے مُقدّمہ کو نہ بِگاڑنا اور نہ بیوہ کے کپڑے کو گِرَو رکھنا۔

18 بلکہ یاد رکھنا کہ تُو مِصر میں غُلام تھا اور خُداوند تیرے خُدا نے تُجھ کو وہاں سے چُھڑایا اِسی لِئے مَیں تُجھ کو اِس کام کے کرنے کا حُکم دیتا ہُوں۔

19 جب تُو اپنے کھیت کی فصل کاٹے اور کوئی پُولا کھیت میں بُھول سے رہ جائے تو اُس کے لینے کو واپس نہ جانا ۔ وہ پردیسی اور یتِیم اور بیوہ کے لِئے رہے تاکہ خُداوند تیرا خُدا تیرے سب کاموں میں جِن کو تُو ہاتھ لگائے تُجھ کو برکت بخشے۔

20 جب تُو اپنے زَیتُون کے درخت کو جھاڑے تو اُس کے بعداُس کی شاخوں کو دوبارہ نہ جھاڑنا بلکہ وہ پردیسی اور یتِیم اور بیوہ کے لِئے رہے۔

21 جب تُو اپنے تاکِستان کے انگُوروں کو جمع کرے تو اُس کے بعد اُس کا دانہ دانہ نہ توڑ لینا ۔ وہ پردیسی اور یتِیم اور بیوہ کے لِئے رہے۔

22 اور یاد رکھنا کہ تُو مُلکِ مِصر میں غُلام تھا اِسی لِئے مَیں تُجھ کو اِس کام کے کرنے کا حُکم دیتا ہُوں۔

اِستِثنا 25

1 اگر لوگوں میں کِسی طرح کا جھگڑا ہو اور وہ عدالت میں آئیں تاکہ قاضی اُن کا اِنصاف کریں تو وہ صادِق کو بے گُناہ ٹھہرائیں اور شرِیر پر فتویٰ دیں۔

2 اور اگر وہ شرِیر پِٹنے کے لائِق نِکلے تو قاضی اُسے زمِین پر لِٹوا کر اپنی آنکھوں کے سامنے اُس کی شرارت کے مُطابِق اُسے گِن گِن کر کوڑے لگوائے۔

3 وہ اُسے چالِیس کوڑے لگائے ۔ اِس سے زِیادہ نہ مارے تا نہ ہو کہ اِس سے زِیادہ کوڑے لگانے سے تیرا بھائی تُجھ کو حقِیر معلُوم دینے لگے۔

4 تُو دائیں میں چلتے ہُوئے بَیل کا مُنہ نہ باندھنا۔ مُردہ بھائی کا حق

5 اگر کئی بھائی مِل کر ساتھ رہتے ہوں اور ایک اُن میں سے بے اَولاد مَر جائے تو اُس مرحُوم کی بِیوی کِسی اجنبی سے بیاہ نہ کرے بلکہ اُس کے شَوہر کا بھائی اُس کے پاس جا کر اُسے اپنی بِیوی بنا لے اور شَوہر کے بھائی کا جو حق ہے وہ اُس کے ساتھ ادا کرے۔

6 اور اُس عَورت کے جو پہلا بچّہ ہو وہ اِس آدمی کے مرحُوم بھائی کے نام کا کہلائے تاکہ اُس کا نام اِسرا ئیل میں سے مٹ نہ جائے۔

7 اور اگر وہ آدمی اپنی بھاوج سے بیاہ کرنا نہ چاہے تو اُس کی بھاوج پھاٹک پر بزُرگوں کے پاس جائے اور کہے میرا دیور اِسرا ئیل میں اپنے بھائی کا نام بحال رکھنے سے اِنکار کرتا ہے اور میرے ساتھ دیور کا حق ادا کرنا نہیں چاہتا۔

8 تب اُس کے شہر کے بزُرگ اُس آدمی کو بُلوا کر اُسے سمجھائیں اور اگر وہ اپنی بات پر قائِم رہے اور کہے کہ مُجھ کو اُس سے بیاہ کرنا منظُور نہیں۔

9 تو اُس کی بھاوج بزُرگوں کے سامنے اُس کے پاس جا کر اُس کے پاؤں سے جُوتی اُتارے اور اُس کے مُنہ پر تُھوک دے اور یہ کہے کہ جو آدمی اپنے بھائی کا گھر آباد نہ کرے اُس سے اَیسا ہی کِیا جائے گا۔

10 تب اِسرائیلِیوں میں اُس کا نام یہ پڑ جائے گا کہ یہ اُس شخص کا گھر ہے جِس کی جُوتی اُتاری گئی تھی۔

دیگر قواعدوضوابِط

11 جب دو شخص آپس میں لڑتے ہوں اور ایک کی بِیوی پاس جا کر اپنے شَوہر کو اُس آدمی کے ہاتھ سے چُھڑانے کے لِئے جو اُسے مارتا ہو اپنا ہاتھ بڑھائے اور اُس کی شرمگاہ کو پکڑلے۔

12 تو تُو اُس کا ہاتھ کاٹ ڈالنا اور ذرا ترس نہ کھانا۔

13 تُو اپنے تَھیلے میں طرح طرح کے چھوٹے اور بڑے باٹ نہ رکھنا۔

14 تُو اپنے گھر میں طرح طرح کے چھوٹے اور بڑے پَیمانے بھی نہ رکھنا۔

15 تیرا باٹ پُورا اور ٹِھیک اور تیرا پَیمانہ بھی پُورا اور ٹِھیک ہو تاکہ اُس مُلک میں جِسے خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو دیتا ہے تیری عُمر دراز ہو۔

16 اِس لِئے کہ وہ سب جو اَیسے اَیسے فریب کے کام کرتے ہیں خُداوند تیرے خُدا کے نزدِیک مکرُوہ ہیں۔

عمالِیقیوں کو قتل کرنے کا حُکم

17 یاد رکھنا کہ جب تُم مِصر سے نِکل کر آ رہے تھے تو راستہ میں عَمالیقِیوں نے تیرے ساتھ کیا کِیا۔

18 کیونکہ وہ راستہ میں تیرے مُقابِل آئے اور گو تُو تھکا ماندہ تھا تَو بھی اُنہوں نے اُن کو جو کمزور اور سب سے پِیچھے تھے مارا اور اُن کو خُدا کا خَوف نہ آیا۔

19 اِس لِئے جب خُداوند تیرا خُدا اُس مُلک میں جِسے خُداوند تیرا خُدا مِیراث کے طَور پر تُجھ کو قبضہ کرنے کو دیتا ہے تیرے سب دُشمنوں سے جو آس پاس ہیں تُجھ کو راحت بخشے تو تُو عمالیقِیوں کے نام و نِشان کو صفحۂِ روزگار سے مِٹا دینا ۔ تُو اِس بات کو نہ بُھولنا۔

اِستِثنا 26

زرعی پَیداوار کے نذرانے

1 اور جب تُو اُس مُلک میں جِسے خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو مِیراث کے طَور پر دیتا ہے پُہنچے اور اُس پر قبضہ کر کے اُس میں بس جائے۔

2 تب جو مُلک خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو دیتا ہے اُس کی زمِین میں جو قِسم قِسم کی چِیزیں تُو لگائے اُن سب کے پہلے پَھل کو ایک ٹوکرے میں رکھ کر اُس جگہ لے جانا جِسے خُداوند تیرا خُدا اپنے نام کے مسکن کے لِئے چُنے۔

3 اور اُن دِنوں کے کاہِن کے پاس جا کر اُس سے کہنا کہ آج کے دِن مَیں خُداوند تیرے خُدا کے حضُور اِقرار کرتا ہُوں کہ مَیں اُس مُلک میں جِسے ہم کو دینے کی قَسم خُداوند نے ہمارے باپ دادا سے کھائی تھی آ گیا ہُوں۔

4 تب کاہِن تیرے ہاتھ سے اُس ٹوکرے کو لے کر خُداوند تیرے خُدا کے مذبح کے آگے رکھّے۔

5 پِھر تُو خُداوند اپنے خُدا کے حضُور یُوں کہنا کہ میرا باپ ایک ارامی تھا جو مَرنے پر تھا ۔ وہ مِصر میں جا کر وہاں رہا اور اُس کے لوگ تھوڑے سے تھے اور وہِیں وہ ایک بڑی اور زورآوراور کثِیرُالتّعداد قَوم بن گیا۔

6 پِھر مِصریوں نے ہم سے بُرا سلُوک کِیا اور ہم کو دُکھ دِیا اور ہم سے سخت خِدمت لی۔

7 اور ہم نے خُداوند اپنے باپ دادا کے خُدا کے حضُور فریاد کی تو خُداوند نے ہماری فریاد سُنی اور ہماری مُصِیبت اور مِحنت اور مظلُومی دیکھی۔

8 اور خُداوند قوِی ہاتھ اور بُلند بازُو سے بڑی ہَیبت اور نِشانوں اور مُعجِزوں کے ساتھ ہم کو مِصر سے نِکال لایا۔

9 اور ہم کو اِس جگہ لا کر اُس نے یہ مُلک جِس میں دُودھ اور شہد بہتا ہے ہم کو دِیا ہے۔

10 سو اب اَے خُداوند! دیکھ جو زمِین تُونے مُجھ کو دی ہے اُس کا پہلا پَھل مَیں تیرے پاس لے آیا ہُوں ۔

پِھر تُو اُسے خُداوند اپنے خُدا کے آگے رکھ دینا اور خُداوند اپنے خُدا کو سِجدہ کرنا۔

11 اور تُو اور لاوی اور جو مُسافِر تیرے درمیان رہتے ہوں سب کے سب مِل کر اُن سب نِعمتوں کے لِئے جِن کو خُداوند تیرے خُدا نے تُجھ کو اور تیرے گھرانے کو بخشا ہو خُوشی کرنا۔

12 اور جب تُو تِیسرے سال جو دَہ یکی کا سال ہے اپنے سارے مال کی دَہ یکی نِکال چُکے تو اُسے لاوی اور مُسافِر اور یتیِم اور بیوہ کو دینا تاکہ وہ اُسے تیری بستِیوں میں کھائیں اور سیر ہوں۔

13 پِھر تُو خُداوند اپنے خُدا کے آگے یُوں کہنا کہ مَیں نے تیرے احکام کے مُطابِق جو تُو نے مُجھے دِئے مُقدّس چِیزوں کو اپنے گھر سے نِکالا اور اُن کو لاوِیوں اور مُسافِروں اور یتیِموں اور بیواؤں کو دے بھی دِیا اور مَیں نے تیرے کِسی حُکم کو نہیں ٹالا اور نہ اُن کو بُھولا۔

14 اور مَیں نے اپنے ماتم کے وقت اُن چِیزوں میں سے کُچھ نہیں کھایا اور ناپاک حالت میں اُن کو الگ نہیں کِیا اور نہ اُن میں سے کُچھ مُردوں کے لِئے دِیا ۔ مَیں نے خُداوند اپنے خُدا کی بات مانی ہے اور جو کُچھ تُو نے حُکم دِیا اُسی کے مُطابِق عمل کِیا۔

15 آسمان پر سے جو تیرا مُقدّس مسکن ہے نظر کر اور اپنی قَوم اِسرا ئیل کو اور اُس مُلک کو برکت دے جِس مُلک میں دُودھ اور شہد بہتا ہے اور جِس کو تُو نے اُس قَسم کے مُطابِق جو تُو نے ہمارے باپ دادا سے کھائی ہم کو عطا کِیا ہے۔

خُداوند (یہووا ہ) کی اپنی قَوم

16 خُداوند تیرا خُدا آج تُجھ کو اِن آئِین اور احکام کے ماننے کا حُکم دیتا ہے ۔ سو تُو اپنے سارے دِل اور ساری جان سے اِن کو ماننا اور اِن پر عمل کرنا۔

17 تُو نے آج کے دِن اِقرار کِیا ہے کہ خُداوند تیرا خُدا ہے اور تُو اُس کی راہوں پر چلے گا اور اُس کے آئِین اور فرمان اور احکام کو مانے گا اور اُس کی بات سُنے گا۔

18 اور خُداوند نے بھی آج کے دِن تُجھ کو جَیسا اُس نے وعدہ کِیا تھا اپنی خاص قَوم قرار دِیا ہے تاکہ تُو اُس کے سب حُکموں کو مانے۔

19 اور وہ سب قَوموں سے جِن کو اُس نے پَیدا کِیا ہے تعرِیف اور نام اور عِزّت میں تُجھ کو مُمتاز کرے اور تُو اُس کے کہنے کے مُطابِق خُداوند اپنے خُدا کی مُقدّس قَوم بن جائے۔

اِستِثنا 27

خُدا کے حُکموں کو پتھّروں پر لِکھنا

1 پِھر مُوسیٰ نے بنی اِسرائیل کے بزُرگوں کے ساتھ ہو کر لوگوں سے کہا کہ جِتنے حُکم آج کے دِن مَیں تُم کو دیتا ہُوں اُن سب کو ماننا۔

2 اور جِس دِن تُم یَردن پار ہو کر اُس مُلک میں جِسے خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو دیتا ہے پُہنچو تو تُو بڑے بڑے پتّھر کھڑے کر کے اُن پر چُونے کی استرکاری کرنا۔

3 اور پار ہو جانے کے بعد اِس شرِیعت کی سب باتیں اُن پر لِکھنا تاکہ اُس وعدہ کے مُطابِق جو خُداوند تیرے باپ دادا کے خُدا نے تُجھ سے کِیا اُس مُلک میں جِسے خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو دیتا ہے یعنی اُس مُلک میں جہاں دُودھ اور شہد بہتا ہے تُو پُہنچ جائے۔

4 سو تُم یَردن کے پار ہو کر اُن پتّھروں کو جِن کی بابت مَیں تُم کو آج کے دِن حُکم دیتا ہُوں کوہِ عیبا ل پر نصب کر کے اُن پر چُونے کی استرکاری کرنا۔

5 اور وہِیں تُو خُداوند اپنے خُدا کے لِئے پتّھروں کا ایک مذبح بنانا اور لوہے کا کوئی اَوزار اُن پر نہ لگانا۔

6 اور تُو خُداوند اپنے خُدا کا مذبح بے تراشے پتھّروں سے بنانا اور اُس پر خُداوند اپنے خُدا کے لِئے سوختنی قُربانیاں گُذراننا۔

7 اور وہِیں سلامتی کی قُربانیاں چڑھانا اور اُن کو کھانا اور خُداوند اپنے خُدا کے حضُور خُوشی منانا۔

8 اور اُن پتھّروں پر اِس شرِیعت کی سب باتیں صاف صاف لکھنا۔

9 پِھر مُوسیٰ اور لاوی کاہِنوں نے سب بنی اِسرائیل سے کہا اَے اِسرا ئیل! خاموش ہو جا اور سُن ۔ تُو آج کے دِن خُداوند اپنے خُدا کی قَوم بن گیا ہے۔

10 سو تُو خُداوند اپنے خُدا کی بات سُننا اور اُس کے سب آئِین اور احکام پر جو آج کے دِن مَیں تُجھ کو دیتا ہُوں عمل کرنا۔

نافرمانی کی لَعنتیں

11 اور مُوسیٰ نے اُسی دِن لوگوں سے تاکید کر کے کہا کہ۔

12 جب تُم یَردن پار ہو جاؤ تو کوہِ گرزیم پر شمعُو ن اور لاوی اور یہُودا ہ اور اِشکار اور یُوسف اور بِنیمِین کھڑے ہوں اور لوگوں کو برکت سُنائیں۔

13 اور رُوبِن اور جد اور آشر اور زبُولُون اور دان اور نفتا لی کوہِ عیبا ل پر کھڑے ہو کر لَعنت سُنائیں۔

14 اور لاو ی بُلند آواز سے سب اِسرائیلی آدمِیوں سے کہیں کہ۔

15 لَعنت اُس آدمی پر جو کارِیگری کی صنعت کی طرح کھودی ہُوئی یا ڈھالی ہُوئی مُورت بنا کر جو خُداوند کے نزدِیک مکرُوہ ہے اُس کو کِسی پوشِیدہ جگہ میں نصب کرے

اور سب لوگ جواب دیں اور کہیں آمِین۔

16 لَعنت اُس پر جو اپنے باپ یا ماں کو حقِیر جانے

اور سب لوگ کہیں آمِین۔

17 لَعنت اُس پر جو اپنے پڑوسی کی حدّ کے نِشان کو

ہٹائے

اور سب لوگ کہیں آمِین۔

18 لَعنت اُس پر جو اندھے کو راستہ سے گُمراہ کرے

اور سب لوگ کہیں آمِین۔

19 لَعنت اُس پر جو پردیسی اور یتِیم اور بیوہ کے

مُقدّمہ کو بِگاڑے

اور سب لوگ کہیں آمِین۔

20 لَعنت اُس پر جو اپنے باپ کی بِیوی سے مُباشرت

کرے کیونکہ وہ اپنے باپ کے دامن کو بے

پردہ کرتا ہے

اور سب لوگ کہیں آمِین۔

21 لَعنت اُس پر جو کِسی چَوپائے کے ساتھ جماع

کرے

اور سب لوگ کہیں آمِین۔

22 لَعنت اُس پر جو اپنی بہن سے مُباشرت کرے خواہ

وہ اُس کے باپ کی بیٹی ہو خواہ ماں کی

اور سب لوگ کہیں آمِین۔

23 لَعنت اُس پر جو اپنی ساس سے مُباشرت کرے

اور سب لوگ کہیں آمِین۔

24 لَعنت اُس پر جو اپنے ہمسایہ کو پوشِیدگی میں مارے

اور سب لوگ کہیں آمِین۔

25 لَعنت اُس پر جو بے گُناہ کو قتل کرنے کے لِئے

اِنعام لے

اور سب لوگ کہیں آمِین۔

26 لَعنت اُس پر جو اِس شرِیعت کی باتوں پر عمل

کرنے کے لِئے اُن پر قائِم نہ رہے

اور سب لوگ کہیں آمِین۔

اِستِثنا 28

فرمانبرداری کی برکتیں

1 اور اگر تُو خُداوند اپنے خُدا کی بات کو جانفشانی سے مان کر اُس کے اِن سب حُکموں پر جو آج کے دِن مَیں تُجھ کو دیتا ہُوں اِحتیاط سے عمل کرے تو خُداوند تیرا خُدا دُنیا کی سب قَوموں سے زیادہ تُجھ کو سرفراز کرے گا۔

2 اور اگر تُو خُداوند اپنے خُدا کی بات سُنے تو یہ سب برکتیں تُجھ پر نازِل ہوں گی اور تُجھ کو مِلیں گی۔

3 شہر میں بھی تُو مُبارک ہو گا اور کھیت میں بھی مُبارک ہو گا۔

4 تیری اَولاد اور تیری زمِین کی پَیداوار اور تیرے چَوپایوں کے بچّے یعنی گائے بَیل کی بڑھتی اور تیری بھیڑ بکرِیوں کے بچّے مُبارک ہوں گے۔

5 تیرا ٹوکرا اور تیری کٹھوتی دونوں مُبارک ہوں گے۔

6 اور تُو اندر آتے وقت مُبارک ہو گا اور باہر جاتے وقت بھی مُبارک ہو گا۔

7 خُداوند تیرے دُشمنوں کو جو تُجھ پر حملہ کریں تیرے رُوبرُو شِکست دِلائے گا۔ وہ تیرے مُقابلہ کو تو ایک ہی راستہ سے آئیں گے پر سات سات راستوں سے ہو کر تیرے آگے سے بھاگیں گے۔

8 خُداوند تیرے انبار خانوں میں اور سب کاموں میں جِن میں تُو ہاتھ لگائے برکت کا حُکم دے گا اور خُداوند تیرا خُدا اُس مُلک میں جِسے وہ تُجھ کو دیتا ہے تُجھ کو برکت بخشے گا۔

9 اگر تُو خُداوند اپنے خُدا کے حُکموں کو مانے اور اُس کی راہوں پر چلے تو خُداوند اپنی اُس قَسم کے مُطابِق جو اُس نے تُجھ سے کھائی تُجھ کو اپنی پاک قَوم بنا کر قائِم رکھّے گا۔

10 اور دُنیا کی سب قَومیں یہ دیکھ کر کہ تُو خُداوندکے نام سے کہلاتا ہے تُجھ سے ڈر جائیں گی۔

11 اور جِس مُلک کو تُجھ کو دینے کی قَسم خُداوند نے تیرے باپ دادا سے کھائی تھی اُس میں خُداوند تیری اَولاد کو اور تیرے چَوپایوں کے بچّوں کو اور تیری زمِین کی پَیداوار کو خُوب بڑھا کر تُجھ کو برومند کرے گا۔

12 خُداوند آسمان کو جو اُس کا اچھّا خرانہ ہے تیرے لِئے کھول دے گا کہ تیرے مُلک میں وقت پر مینہ برسائے اور وہ تیرے سب کاموں میں جِن میں تُو ہاتھ لگائے برکت دے گا اور تُو بُہت سی قَوموں کو قرض دے گا پر خُود قرض نہیں لے گا۔

13 اور خُداوند تُجھ کو دُم نہیں بلکہ سر ٹھہرائے گااور تُو پست نہیں بلکہ سرفراز ہی رہے گا بشرطیکہ تُو خُداوند اپنے خُدا کے حُکموں کو جو مَیں تُجھ کو آج کے دِن دیتا ہُوں سُنے اور اِحتیاط سے اُن پر عمل کرے۔

14 اور جِن باتوں کا مَیں آج کے دِن تُجھ حُکم دیتا ہُوں اُن میں سے کِسی سے دہنے یا بائیں ہاتھ مُڑ کر اَور معبُودوں کی پَیروی اور عِبادت نہ کرے۔

نافرمانی کے نتائج

15 لیکن اگر تُو اَیسا نہ کرے کہ خُداوند اپنے خُدا کی بات سُن کر اُس کے سب احکام اور آئِین پر جو آج کے دِن مَیں تُجھ کو دیتا ہُوں اِحتیاط سے عمل کرے تو یہ سب لَعنتیں تُجھ پر نازِل ہوں گی اور تُجھ کو لگیں گی۔

16 شہر میں بھی تُو لَعنتی ہو گا اور کھیت میں بھی لَعنتی ہو گا۔

17 تیرا ٹوکرا اور تیری کٹھوتی دونوں لَعنتی ٹھہریں گے۔

18 تیری اَولاد اور تیری زمِین کی پَیداوار اور تیرے گائے بَیل کی بڑھتی اور تیری بھیڑ بکرِیوں کے بچّے لَعنتی ہوں گے۔

19 تُو اندر آتے لَعنتی ٹھہرے گااور باہر جاتے بھی لَعنتی ٹھہرے گا۔

20 خُداوند اُن سب کاموں میں جِن کو تُو ہاتھ لگائے لَعنت اور اِضطراب اور پِھٹکار کو تُجھ پر نازِل کرے گا جب تک کہ تُو ہلاک ہو کر جلد نیست و نابُود نہ ہو جائے ۔ یہ تیری اُن بداعمالِیوں کے سبب سے ہو گا جِن کو کرنے کی وجہ سے تُو مُجھ کو چھوڑ دے گا۔

21 خُداوند اَیسا کرے گا کہ وبا تُجھ سے لِپٹی رہے گی جب تک کہ وہ تُجھ کو اُس مُلک سے جِس پر قبضہ کرنے کو تُو وہاں جا رہا ہے فنا نہ کر دے۔

22 خُداوند تُجھ کو تپِ دِق اور بُخار اور سوزِش اور شدِید حرارت اور تلوار اور بادِ سمُوم اور گیروئی سے مارے گا اور یہ تیرے پِیچھے پڑے رہیں گے جب تک کہ تُو فنا نہ ہو جائے۔

23 اور آسمان جو تیرے سر پر ہے پِیتل کا اور زمِین جو تیرے نِیچے سے لوہے کی ہو جائے گی۔

24 خُداوند مینہ کے بدلے تیری زمِین پر خاک اور دُھول برسائے گا ۔ یہ آسمان سے تُجھ پر پڑتی ہی رہے گی جب تک کہ تُو ہلاک نہ ہو جائے۔

25 خُداوند تُجھ کو تیرے دُشمنوں کے آگے شِکست دِلائے گا ۔ تُو اُن کے مُقابلہ کے لِئے تو ایک ہی راستہ سے جائے گا اور اُن کے سامنے سے سات سات راستوں سے ہو کر بھاگے گا اور دُنیا کی تمام سلطنتوں میں تُو مارا مارا پِھرے گا۔

26 اور تیری لاش ہوا کے پرِندوں اور زمِین کے درِندوں کی خُوراک ہو گی اور کوئی اُن کو ہنکا کر بھگانے کو بھی نہ ہو گا۔

27 خُداوند تُجھ کو مِصر کے پھوڑوں اور بواسِیراور کُھجلی اور خارِش میں اَیسا مُبتلا کرے گا کہ تُو کبھی اچھّا بھی نہیں ہونے کا۔

28 خُداوند تُجھ کو جنُون اور نابِینائی اور دِل کی گھبراہٹ میں بھی مُبتلا کر دے گا۔

29 اور جَیسے اندھا اندھیرے میں ٹٹولتا ہے وَیسے ہی تُو دوپہر دِن کو ٹٹولتا پِھرے گا اور تُو اپنے سب دھندوں میں ناکام رہے گا اور تُجھ پر ہمیشہ ظُلم ہی ہو گا اور تُو لُٹتا ہی رہے گا اور کوئی نہ ہو گا جو تُجھ کو بچائے۔

30 عَورت سے منگنی تو تُو کرے گا لیکن دُوسرا اُس سے مُباشرت کرے گا ۔ تُو گھر بنائے گا پر اُس میں بسنے نہ پائے گا ۔ تُو تاکِستان لگائے گا پر اُس کا پَھل اِستعمال نہ کرے گا۔

31 تیرا بَیل تیری آنکھوں کے سامنے ذبح کِیا جائے گا پر تُو اُس کا گوشت کھانے نہ پائے گا ۔ تیرا گدھا تُجھ سے جبراً چِھین لِیا جائے گا اور تُجھ کو پِھر نہ ملے گا ۔ تیری بھیڑیں تیرے دُشمنوں کے ہاتھ لگیں گی اور کوئی نہ ہو گا جو تُجھ کو بچائے۔

32 تیرے بیٹے اور بیٹِیاں دُوسری قَوم کو دی جائیں گی اور تیری آنکھیں دیکھیں گی اور سارے دِن اُن کے لِئے ترستے ترستے رہ جائیں گی اور تیرا کُچھ بس نہیں چلے گا۔

33 تیری زمِین کی پَیداوار اور تیری ساری کمائی کو ایک اَیسی قَوم کھائے گی جِس سے تُو واقِف نہیں اور تُو سدا مظلُوم اور دبا ہی رہے گا۔

34 یہاں تک کہ اِن باتوں کو اپنی آنکھوں سے دیکھ دیکھ کر دِیوانہ ہو جائے گا۔

35 خُداوند تیرے گُھٹنوں اور ٹانگوں میں اَیسے بُرے پھوڑے پَیدا کرے گا کہ اُن سے تُو پاؤں کے تلوے سے لے کر سر کی چاندی تک شِفا نہ پا سکے گا۔

36 خُداوند تُجھ کو اور تیرے بادشاہ کو جِسے تُو اپنے اُوپر مُقرّ ر کرے گا ایک اَیسی قَوم کے بِیچ لے جائے گا جِسے تُو اور تیرے باپ دادا جانتے بھی نہیں اور وہاں تُو اَور معبُودوں کی جو محض لکڑی اور پتّھر ہیں عِبادت کرے گا۔

37 اور اُن سب قَوموں میں جہاں جہاں خُداوند تُجھ کو پُہنچائے گا تُو باعِثِ حَیرت اور ضربُ المثل اور اَنَگشت نُما بنے گا۔

38 تُو کھیت میں بُہت سا بِیج لے جائے گا لیکن تھوڑا سا جمع کرے گا کیونکہ ٹِڈّی اُسے چاٹ لے گی۔

39 تُو تاکِستان لگائے گا اور اُن پر مِحنت کرے گا لیکن نہ تُو مَے پِینے اور نہ انگُور جمع کرنے پائے گا کیونکہ اُن کو کِیڑے کھا جائیں گے۔

40 تیری سب حُدُود میں زَیتُون کے درخت لگے ہوں گے پر تُو اُن کا تیل نہیں لگانے پائے گا کیونکہ تیرے زَیتُون کے درختوں کا پَھل جھڑ جایا کرے گا۔

41 تیرے بیٹے اور بیٹِیاں پَیدا ہوں گی پر وہ سب تیرے نہ رہیں گے کیونکہ وہ اسِیر ہو کر چلے جائیں گے۔

42 تیرے سب درختوں اور تیری زمِین کی پَیداوار پر ٹِڈّیاں قبضہ کر لیں گی۔

43 پردیسی جو تیرے درمیان ہو گا وہ تُجھ سے بڑھتا اور سرفراز ہوتا جائے گا پر تُو پست ہی پست ہوتا جائے گا۔

44 وہ تُجھ کو قرض دے گا پر تُو اُسے قرض نہ دے سکے گا ۔ وہ سر ہو گا اور تُو دُم ٹھہرے گا۔

45 اور چُونکہ تُو خُداوند اپنے خُدا کے اُن حُکموں اور آئِین پر جِن کو اُس نے تُجھ کو دِیا ہے عمل کرنے کے لِئے اُس کی بات نہیں سُنے گا اِس لِئے یہ سب لَعنتیں تُجھ پرآئیں گی اور تیرے پِیچھے پڑی رہیں گی اور تُجھ کو لگیں گی جب تک تیرا ناس نہ ہو جائے۔

46 اور وہ تُجھ پر اور تیری اَولاد پر سدا نِشان اور اچنبھے کے طَور پر رہیں گی۔

47 اور چُونکہ تُو باوجُود سب چِیزوں کی فراوانی کے فرحت اور خُوشدِلی سے خُداوند اپنے خُدا کی عِبادت نہیں کرے گا۔

48 اِس لِئے بُھوکا اور پِیاسا اور ننگا اور سب چِیزوں کا مُحتاج ہو کر تُو اپنے اُن دُشمنوں کی خِدمت کرے گا جِن کو خُداوند تیرے برخِلاف بھیجے گا اور غنِیم تیری گردن پر لوہے کو جُواَ رکھّے رہے گا جب تک وہ تیرا ناس نہ کر دے۔

49 خُداوند دُور سے بلکہ زمِین کے کنارے سے ایک قَوم کو تُجھ پر چڑھا لائے گا جَیسے عُقاب ٹُوٹ کر آتا ہے ۔ اُس قَوم کی زُبان کو تُو نہیں سمُجھے گا۔

50 اُس قَوم کے لوگ تُرش رُو ہوں گے جو نہ بُڈّھوں کا لِحاظ کریں گے نہ جوانوں پر ترس کھائیں گے۔

51 اور وہ تیرے چَوپایوں کے بچّوں اور تیری زمِین کی پَیداوار کو کھاتے رہیں گے جب تک تیرا ناس نہ ہو جائے اور وہ تیرے لِئے اناج یا مَے یا تیل یا گائے بَیل کی بڑھتی یا تیری بھیڑ بکرِیوں کے بچّے کُچھ نہیں چھوڑیں گے جب تک وہ تُجھ کو فنا نہ کر دیں۔

52 اور وہ تیرے تمام مُلک میں تیرا مُحاصرہ تیری ہی بستِیوں میں کِئے رہیں گے جب تک تیری اُونچی اُونچی فصِیلیں جِن پر تیرا بھروسا ہو گا گِر نہ جائیں ۔ تیرا مُحاصرہ وہ تیرے ہی اُس مُلک کی سب بستِیوں میں کریں گے جِسے خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو دیتا ہے۔

53 تب اُس مُحاصرہ کے مَوقع پر اور اُس آڑے وقت میں تُو اپنے دُشمنوں سے تنگ آ کر اپنے ہی جِسم کے پَھل کو یعنی اپنے ہی بیٹوں اور بیٹِیوں کا گوشت جِن کو خُداوند تیرے خُدا نے تُجھ کو عطا کِیا ہو گا کھائے گا۔

54 وہ شخص جو تُم میں ناز پروردہ اور نازُک بدن ہو گا اُس کی بھی اپنے بھائی اور اپنی ہم آغوش بِیوی اور اپنے باقی ماندہ بچّوں کی طرف بُری نظر ہو گی۔

55 یہاں تک کہ وہ اِن میں سے کِسی کو بھی اپنے ہی بچّوں کے گوشت میں سے جِن کو وہ خُود کھائے گا کُچھ نہیں دے گا کیونکہ اُس مُحاصرہ کے مَوقع پر اور اُس آڑے وقت میں جب تیرے دُشمن تُجھ کو تیری ہی سب بستِیوں میں تنگ کر ماریں گے تو اُس کے پاس اَور کُچھ باقی نہ رہے گا۔

56 وہ عَورت بھی جو تُمہارے درمیان اَیسی ناز پروردہ اور نازُک بدن ہو گی کہ نرمی و نزاکت کے سبب سے اپنے پاؤں کا تلوا بھی زمِین سے لگانے کی جُرأت نہ کرتی ہو اُس کی بھی اپنے پہلُو کے شَوہر اور اپنے ہی بیٹے اور بیٹی۔

57 اور اپنے ہی نوزاد بچّے کی طرف جو اُس کی رانوں کے بِیچ سے نِکلا ہو بلکہ اپنے سب لڑکے بالوں کی طرف جِن کو وہ جنے گی بُری نظر ہوگی کیونکہ وہ تمام چِیزوں کی قِلّت کے سبب سے اُن ہی کو چُھپ چُھپ کر کھائے گی جب اُس مُحاصرہ کے مَوقع پر اور اُس آڑے وقت میں تیرے دُشمن تیری ہی بستِیوں میں تُجھ کو تنگ کر ماریں گے۔

58 اگر تُو اُس شرِیعت کی اُن سب باتوں پر جو اِس کِتاب میں لِکھی ہیں اِحتیاط رکھ کر اِس طرح عمل نہ کرے کہ تُجھ کو خُداوند اپنے خُدا کے جلالی اور مُہِیب نام کا خَوف ہو۔

59 تو خُداوند تُجھ پر عجِیب آفتیں نازِل کرے گا اور تیری اَولاد کی آفتوں کو بڑھا کر بڑی اور دیر پا آفتیں اور سخت اور دیرپا بیمارِیاں کر دے گا۔

60 اور مِصر کے سب روگ جِن سے تُو ڈرتا تھا تُجھ کو لگائے گا اور وہ تُجھ کو لگے رہیں گے۔

61 اور اُن سب بیمارِیوں اور آفتوں کو بھی جو اِس شرِیعت کی کِتاب میں مذکُور نہیں ہیں خُداوند تُجھ کو لگائے گا جب تک تیرا ناس نہ ہو جائے۔

62 اور چُونکہ تُو خُداوند اپنے خُدا کی بات نہیں سُنے گا اِس لِئے کہاں تو تُم کثرت میں آسمان کے تاروں کی مانِند ہو اور کہاں شُمار میں تھوڑے ہی سے رہ جاؤ گے۔

63 تب یہ ہو گا کہ جَیسے تُمہارے ساتھ بھلائی کرنے اور تُم کر بڑھانے سے خُداوند خُوشنُود ہُؤا اَیسے ہی تُم کو فنا کرانے اور ہلاک کر ڈالنے سے خُداوند خُوشنُود ہو گا اور تُم اُس مُلک سے اُکھاڑ دِئے جاؤ گے جہاں تُو اُس پر قبضہ کرنے کو جا رہا ہے۔

64 اور خُداوند تُجھ کو زمِین کے ایک سِرے سے دُوسرے سِرے تک تمام قَوموں میں پراگندہ کرے گا ۔ وہاں تُو لکڑی اور پتّھر کے اَور معبُودوں کی جِن کو تُو یا تیرے باپ دادا جانتے بھی نہیں پرستِش کرے گا۔

65 اُن قَوموں کے بِیچ تُجھ کو چَین نصِیب نہ ہو گا اور نہ تیرے پاؤں کے تلوے کو آرام مِلے گا بلکہ خُداوند تُجھ کو وہاں دِلِ لرزان اور آنکھوں کی دُھندلاہٹ اور جی کی کُڑھن دے گا۔

66 اور تیری جان دُبدھے میں اٹکی رہے گی اور تُو رات دِن ڈرتا رہے گا اور تیری زِندگی کا کوئی ٹِھکانا نہ ہو گا۔

67 اور تُو اپنے دِلی خَوف کے اور اُن نظّاروں کے سبب سے جِن کو تُو اپنی آنکھوں سے دیکھے گا صُبح کو کہے گا کہ اَے کاش کہ شام ہوتی اور شام کو کہے گا اَے کاش کہ صُبح ہوتی۔

68 اور خُداوند تُجھ کو کشتِیوں میں چڑھا کر اُس راستہ سے مِصر میں لَوٹا لے جائے گا جِس کی بابت مَیں نے تُجھ سے کہا کہ تُو اُسے پِھر کبھی نہ دیکھنا اور وہاں تُم اپنے دُشمنوں کے غُلام اور لَونڈی ہونے کے لِئے اپنے کو بیچو گے پر کوئی خرِیدار نہ ہو گا۔