اِستِثنا 9

لوگوں کی نافرمانی

1 سُن لے اَے اِسرا ئیل آج تُجھے یَردن پار اِس لِئے جانا ہے کہ تُو اَیسی قَوموں پر جو تُجھ سے بڑی اور زورآور ہیں اور اَیسے بڑے شہروں پر جِن کی فصِیلیں آسمان سے باتیں کرتی ہیں قبضہ کرے۔

2 وہاں عناقِیم کی اَولاد ہیں جو بڑے بڑے اور قدآور لوگ ہیں ۔ تُجھے اُن کا حال معلُوم ہے اور تُو نے اُن کی بابت یہ کہتے سُنا ہے کہ بنی عناق کا مُقابلہ کَون کر سکتا ہے؟۔

3 پس تُو آج کے دِن جان لے کہ خُداوند تیرا خُدا تیرے آگے آگے بھسم کرنے والی آگ کی طرح پار جا رہا ہے۔ وہ اُن کو فنا کرے گا اور وہ اُن کو تیرے آگے پست کرے گا اَیسا کہ تُو اُن کو نِکال کر جلد ہلاک کر ڈالے گا جَیسا خُداوند نے تُجھ سے کہا ہے۔

4 اور جب خُداوند تیرا خُدا اُن کو تیرے آگے سے نِکال چُکے تو تُو اپنے دِل میں یہ نہ کہنا کہ میری صداقت کے سبب سے خُداوند مُجھے اِس مُلک پر قبضہ کرنے کو یہاں لایا کیونکہ فی الواقِع اِن کی شرارت کے سبب سے خُداوند اِن قَوموں کو تیرے آگے سے نِکالتا ہے۔

5 تُو اپنی صداقت یا اپنے دِل کی راستی کے سبب سے اُس مُلک پر قبضہ کرنے کو نہیں جا رہا ہے بلکہ خُداوند تیرا خُدا اِن قَوموں کی شرارت کے باعِث اِن کو تیرے آگے سے خارِج کرتا ہے تاکہ یُوں وہ اُس وعدہ کو جِس کی قَسم اُس نے تیرے باپ دادا ابرہا م اور اِضحاق اور یعقُوب سے کھائی پُورا کرے۔

6 غرض تُو سمُجھ لے کہ خُداوند تیرا خُدا تیری صداقت کے سبب سے یہ اچھّا مُلک تُجھے قبضہ کرنے کے لِئے نہیں دے رہا ہے کیونکہ تُو ایک گردن کش قَوم ہے۔

7 اِس بات کو یاد رکھ اور کبھی نہ بُھول کہ تُونے خُداوند اپنے خُدا کو بیابان میں کِس کِس طرح غُصّہ دِلایا بلکہ جب سے تُم مُلکِ مِصر سے نِکلے ہو تب سے اِس جگہ پُہنچنے تک تُم برابر خُداوند سے بغاوت ہی کرتے رہے۔

8 اور حورِب میں بھی تُم نے خُداوند کو غُصّہ دِلایا چُنانچہ خُداوند ناراض ہو کر تُم کو نیست و نابُود کرنا چاہتا تھا۔

9 جب مَیں پتّھر کی دونوں لَوحوں کو یعنی اُس عہد کی لَوحوں کو جو خُداوند نے تُم سے باندھا تھا لینے کو پہاڑ پر چڑھ گیا تو مَیں چالِیس دِن اور چالِیس رات وہِیں پہاڑ پر رہا اور نہ روٹی کھائی نہ پانی پِیا۔

10 اور خُداوند نے اپنے ہاتھ کی لِکھی ہُوئی پتّھر کی دونوں لَوحیں میرے سپُرد کِیں اور اُن پر وُہی باتیں لِکھی تِھیں جو خُداوند نے پہاڑ پر آگ کے بِیچ میں سے مجمع کے دِن تُم سے کہی تِھیں۔

11 اور چالِیس دِن اور چالِیس رات کے بعد خُداوند نے پتّھر کی وہ دونوں لَوحیں یعنی عہد کی لَوحیں مُجھ کو دِیں۔

12 اور خُداوند نے مُجھ سے کہا اُٹھ کر جلد یہاں سے نِیچے جا کیونکہ تیرے لوگ جِن کو تُو مِصر سے نِکال لایا ہے بِگڑ گئے ہیں ۔ وہ اُس راہ سے جِس کا مَیں نے اُن کو حُکم دِیا جلد برگشتہ ہو گئے اور اپنے لِئے ایک مُورت ڈھال کربنا لی ہے۔

13 اور خُداوند نے مُجھ سے یہ بھی کہا کہ مَیں نے اِن لوگوں کو دیکھ لِیا ۔ یہ گردن کش لوگ ہیں۔

14 سو اب تُو مُجھے اِن کو ہلاک کرنے دے تاکہ مَیں اِن کانام صفحۂِ روزگار سے مِٹا ڈالُوں اور مَیں تُجھ سے ایک قَوم جو اِن سے زورآور اور بڑی ہو بناؤُں گا۔

15 تب مَیں اُلٹا پِھرا اور پہاڑ سے نِیچے اُترا اور پہاڑ آگ سے دہک رہا تھا اور عہد کی وہ دونوں لَوحیں میرے دونوں ہاتھوں میں تِھیں۔

16 اور مَیں نے دیکھا کہ تُم نے خُداوند اپنے خُدا کا گُناہ کِیا اور اپنے لِئے ایک بچھڑا ڈھال کر بنا لِیا ہے اور بُہت جلد اُس راہ سے جِس کا حُکم خُداوند نے تُم کو دِیا تھا برگشتہ ہو گئے۔

17 تب مَیں نے اُن دونوں لَوحوں کو اپنے دونوں ہاتھوں سے لے کر پھینک دِیا اور تُمہاری آنکھوں کے سامنے اُن کو توڑ ڈالا۔

18 اور مَیں پہلے کی طرح چالِیس دِن اور چالِیس رات خُداوند کے آگے اَوندھا پڑا رہا ۔ مَیں نے نہ روٹی کھائی نہ پانی پِیا کیونکہ تُم سے بڑا گُناہ سرزد ہُؤا تھا اور خُداوند کو غُصّہ دِلانے کے لِئے تُم نے وہ کام کِیا جو اُس کی نظر میں بُرا تھا۔

19 اور میں خُداوند کے قہر اور غضب سے ڈر رہا تھا کیونکہ وہ تُم سے سخت ناراض ہو کر تُم کو نیست و نابُود کرنے کو تھا لیکن خُداوند نے اُس بار بھی میری سُن لی۔

20 اور خُداوند ہارُون سے اَیسا غُصّہ تھا کہ اُسے ہلاک کرنا چاہا پر مَیں نے اُس وقت ہارُون کے لِئے بھی دُعا کی۔

21 اور مَیں نے تُمہارے گُناہ کو یعنی اُس بچھڑے کو جو تُم نے بنایا تھا لے کر آگ میں جلایا ۔ پِھر اُسے کُوٹ کُوٹ کر اَیسا پِیسا کہ وہ گرد کی مانِند بارِیک ہو گیا اور اُس کی اُس راکھ کو اُس ندی میں جو پہاڑ سے نِکل کر نِیچے بہتی تھی ڈال دِیا۔

22 اور تبعیر ہ اور مسّہ اور قِبروت ہَتّاوہ میں بھی تُم نے خُداوند کو غُصّہ دِلایا۔

23 اور جب خُداوند نے تُم کو قادِس بَرنِیعَ سے یہ کہہ کر روانہ کِیا کہ جاؤ اور اُس مُلک پر جو مَیں نے تُم کو دِیا ہے قبضہ کرو تو اُس وقت بھی تُم نے خُداوند اپنے خُدا کے حُکم کو عدُول کِیا اور اُس پر اِیمان نہ لائے اور اُس کی بات نہ مانی۔

24 جِس دِن سے میری تُم سے واقفِیّت ہُوئی ہے تُم برابر خُداوند سے سرکشی کرتے رہے ہو۔

25 سو وہ چالِیس دِن اور چالِیس رات جو مَیں خُداوند کے آگے اَوندھا پڑا رہا اِسی لِئے پڑا رہا کیونکہ خُداوند نے کہہ دِیا تھا کہ وہ تُم کو ہلاک کرے گا۔

26 اور مَیں نے خُداوند سے یہ دُعا کی کہ اَے خُداوند خُدا! تُو اپنی قَوم اور اپنی مِیراث کے لوگوں کو جِن کو تُو نے اپنی قُدرت سے نجات بخشی اور جِن کو تُو زورآور ہاتھ سے مِصر سے نِکال لایا ہلاک نہ کر۔

27 اپنے خادِموں ابرہام اور اِضحا ق اور یعقُوب کو یاد فرما اور اِس قَوم کی خُودسری اور شرارت اور گُناہ پر نظر نہ کر!۔

28 تا اَیسا نہ ہو کہ جِس مُلک سے تُو ہم کو نِکال لایا ہے وہاں کے لوگ کہنے لگیں کہ چُونکہ خُداوند اُس مُلک میں جِس کا وعدہ اُس نے اُن سے کِیا تھا پُہنچا نہ سکا اور چُونکہ اُسے اُن سے نفرت بھی تھی اِس لِئے وہ اُن کو نِکال لے گیا تاکہ اُن کو بیابان میں ہلاک کر دے۔

29 آخِر یہ لوگ تیری قَوم اور تیری میِراث ہیں جِن کو تُو اپنے بڑے زور اور بُلند بازُو سے نِکال لایا ہے۔

اِستِثنا 10

خُدا مُوسیٰ کو دوبارہ احکام دیتا ہے

1 اُس وقت خُداوند نے مُجھ سے کہا کہ پہلی لَوحوں کی مانِند پتّھر کی دو اَور لَوحیں تراش لے اور میرے پاس پہاڑ پر آ جا اور ایک چوبی صندُوق بھی بنا لے۔

2 اور جو باتیں پہلی لَوحوں پر جِن کو تُو نے توڑ ڈالا لِکھی تِھیں وُہی مَیں اِن لَوحوں پر بھی لِکھ دُوں گا ۔ پِھر تُو اِن کو اُس صندُوق میں دھر دینا۔

3 سو مَیں نے کِیکر کی لکڑی کا ایک صندُوق بنایا اور پہلی لَوحوں کی مانِند پتّھر کی دو لَوحیں تراش لِیں اور اُن دونوں لَوحوں کو اپنے ہاتھ میں لِئے ہُوئے پہاڑ پر چڑھ گیا۔

4 اور جو دس حُکم خُداوند نے مجمع کے دِن پہاڑ پر آگ کے بِیچ میں سے تُم کو دِئے تھے اُن ہی کو پہلی تحرِیر کے مُطابِق اُس نے اِن لَوحوں پر لِکھ دِیا ۔ پِھراِن کو خُداوند نے میرے سپُرد کِیا۔

5 تب مَیں پہاڑ سے لَوٹ کر نِیچے آیا اور اِن لَوحوں کو اُس صندُوق میں جو مَیں نے بنایا تھا دھر دِیا اور خُداوند کے حُکم کے مُطابِق جو اُس نے مُجھے دِیا تھا وہ وہِیں رکھی ہُوئی ہیں۔

6 (پِھر بنی اِسرائیل بیروتِ بنی یَعَقان سے روانہ ہو کر موسیر ہ میں آئے ۔ وہِیں ہارُون نے رِحلت کی اور دفن بھی ہُؤا اور اُس کا بیٹا الِیعز ر کہانت کے مَنصب پر مُقرّر ہو کر اُس کی جگہ خِدمت کرنے لگا۔

7 وہاں سے وہ جُد جُودہ کو اور جُد جُودہ سے یوطبات کو چلے ۔ اِس مُلک میں پانی کی ندیاں ہیں۔

8 اُسی مَوقع پر خُداوند نے لاوی کے قبِیلہ کو اِس غرض سے الگ کِیا کہ وہ خُداوند کے عہد کے صندُوق کو اُٹھایا کرے اور خُداوند کے حضُور کھڑا ہو کر اُس کی خِدمت کو انجام دے اور اُس کے نام سے برکت دِیا کرے جَیسا آج تک ہوتا ہے۔

9 اِسی لِئے لاو ی کو کوئی حِصّہ یا مِیراث اُس کے بھائِیوں کے ساتھ نہیں مِلی کیونکہ خُداوند اُس کی مِیراث ہے جَیسا خُود خُداوند تیرے خُدا نے اُس سے کہا ہے)۔

10 اور مَیں پہلے کی طرح چالِیس دِن اور چالِیس رات پہاڑ پر ٹھہرا رہا اور اِس دفعہ بھی خُداوند نے میری سُنی اور نہ چاہا کہ تُجھ کو ہلاک کرے۔

11 پِھر خُداوند نے مُجھ سے کہا اُٹھ اور اِن لوگوں کے آگے روانہ ہو تاکہ یہ اُس مُلک پر جا کر قبضہ کر لیں جِسے اُن کو دینے کی قَسم مَیں نے اُن کے باپ دادا سے کھائی تھی۔

خُدا کیا تقاضا کرتاہے؟

12 پس اَے اِسرا ئیل! خُداوند تیرا خُدا تُجھ سے اِس کے سِوا اور کیا چاہتا ہے کہ تُو خُداوند اپنے خُدا کا خَوف مانے اور اُس کی سب راہوں پر چلے اور اُس سے مُحبّت رکھّے اور اپنے سارے دِل اور اپنی ساری جان سے خُداوند اپنے خُدا کی بندگی کرے۔

13 اور خُداوند کے جو احکام اور آئِین مَیں تُجھ کو آج بتاتا ہُوں اُن پر عمل کرے تاکہ تیری خَیر ہو؟۔

14 دیکھ آسمان اور آسمانوں کا آسمان اور زمِین اور جو کُچھ زمِین میں ہے یہ سب خُداوند تیرے خُدا ہی کا ہے۔

15 تَو بھی خُداوند نے تیرے باپ دادا سے خُوش ہو کر اُن سے مُحبّت کی اور اُن کے بعد اُن کی اَولاد کو یعنی تُم کو سب قَوموں میں سے برگُزِیدہ کِیا جَیسا آج کے دِن ظاہِر ہے۔

16 اِس لِئے اپنے دِلوں کا خَتنہ کرو اور آگے کو گردن کش نہ رہو۔

17 کیونکہ خُداوند تُمہارا خُدا اِلہٰوں کا اِلہٰ خُداوندوں کا خُداوند ہے ۔ وہ بزُرگوار اور قادِر اور مُہِیب خُدا ہے جو رُو رِعایت نہیں کرتا اور نہ رِشوت لیتا ہے۔

18 وہ یتِیموں اور بیواؤں کا اِنصاف کرتا ہے اور پردیسی سے اَیسی مُحبّت رکھتا ہے کہ اُسے کھانا اور کپڑا دیتا ہے۔

19 سو تُم پردیسِیوں سے مُحبّت رکھنا کیونکہ تُم بھی مُلکِ مِصر میں پردیسی تھے۔

20 تُو خُداوند اپنے خُدا کا خَوف ماننا ۔ اُس کی بندگی کرنا اور اُس سے لِپٹے رہنا اور اُسی کے نام کی قَسم کھانا۔

21 وُہی تیری حمد کا سزاوار ہے اور وُہی تیرا خُدا ہے جِس نے تیرے لِئے وہ بڑے اور ہَولناک کام کِئے جِن کو تُو نے اپنی آنکھوں سے دیکھا۔

22 تیرے باپ دادا جب مِصر میں گئے تو ستّر آدمی تھے پر اب خُداوند تیرے خُدا نے تُجھ کو بڑھا کر آسمان کے سِتاروں کی مانِند کر دِیا ہے۔

اِستِثنا 11

خُداوند کی بزُرگی

1 سو تُو خُداوند اپنے خُدا سے مُحبّت رکھنا اور اُس کی شرع اور آئِین اور احکام اور فرمانوں پر سدا عمل کرنا۔

2 اور تُم آج کے دِن خُوب سمُجھ لو کیونکہ مَیں تُمہارے بال بچّوں سے کلام نہیں کر رہا ہُوں جِن کو نہ تو معلُوم ہے اور نہ اُنہوں نے دیکھا کہ خُداوند تُمہارے خُدا کی تنبِیہ اور اُس کی عظمت اور زورآور ہاتھ اور بُلند بازُو سے کیا کیا ہُؤا۔

3 اور مِصر کے بِیچ مِصر کے بادشاہ فرِعو ن اور اُس کے مُلک کے لوگوں کو کَیسے کَیسے نِشان اور کَیسی کرامات دِکھائیں۔

4 اور اُس نے مِصر کے لشکر اور اُن کے گھوڑوں اور رتھوں کا کیا حال کِیا اور کَیسے اُس نے بحرِ قُلز م کے پانی میں اُن کو غرق کِیا جب وہ تُمہارا پِیچھا کر رہے تھے اور خُداوند نے اُن کو کَیسا ہلاک کِیا کہ آج کے دِن تک وہ نابُود ہیں۔

5 اور تُمہارے اِس جگہ پُہنچنے تک اُس نے بیابان میں تُم سے کیا کیا کِیا۔

6 اور داتن اور ابِیرام کا جو اِلیاب بن رُوبِن کے بیٹے تھے کیا حال بنایا کہ سب اِسرائیلِیوں کے سامنے زمِین نے اپنا مُنہ پسار کر اُن کو اور اُن کے گھرانوں اور خَیموں اور ہر ذِی نفس کو جو اُن کے ساتھ تھا نِگل لِیا۔

7 پر خُداوند کے اِن سب بڑے بڑے کاموں کو تُم نے اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے۔

مُلکِ مَوعُود کی برکات

8 اِس لِئے اِن سب حُکموں کو جو آج مَیں تُجھ کو دیتا ہُوں تُم ماننا تاکہ تُم مضبُوط ہو کر اُس مُلک میں جِس پر قبضہ کرنے کے لِئے تُم پار جا رہے ہو پُہنچ جاؤ اور اُس پر قبضہ بھی کر لو۔

9 اور اُس مُلک میں تُمہاری عُمر دراز ہو جِس میں دُودھ اور شہد بہتا ہے اور جِسے تُمہارے باپ دادا اور اُن کی اَولاد کو دینے کی قَسم خُداوند نے اُن سے کھائی تھی۔

10 کیونکہ جِس مُلک پر تُو قبضہ کرنے کو جا رہا ہے وہ مُلک مِصر کی مانِند نہیں ہے جہاں سے تُم نِکل آئے ہو ۔ وہاں تو تُو بِیج بو کر اُسے سبزی کے باغ کی طرح پاؤں سے نالِیاں بنا کر سِینچتا تھا۔

11 لیکن جِس مُلک پر قبضہ کرنے کے لِئے تُم پار جانے کو ہو وہ پہاڑوں اور وادِیوں کا مُلک ہے اور بارِش کے پانی سے سیراب ہُؤا کرتا ہے۔

12 اُس مُلک پر خُداوند تیرے خُدا کی توجُّہ رہتی ہے اور سال کے شرُوع سے سال کے آخِر تک خُداوند تیرے خُدا کی آنکھیں اُس پر لگی رہتی ہیں۔

13 اور اگر تُم میرے حُکموں کو جو آج مَیں تُم کو دیتا ہُوں دِل لگا کر سُنو اور خُداوند اپنے خُدا سے مُحبّت رکھّو اور اپنے سارے دِل اور اپنی ساری جان سے اُس کی بندگی کرو۔

14 تو مَیں تُمہارے مُلک میں عَین وقت پر پہلا اور پِچھلا مینہ برساؤُں گا تاکہ تُو اپنا غلّہ اور مَے اور تیل جمع کر سکے۔

15 اور مَیں تیرے چَوپایوں کے لِئے مَیدان میں گھاس پَیدا کرُوں گا اور تُو کھائے گا اور سیر ہو گا۔

16 سو تُم خبردار رہنا تا اَیسا نہ ہو کہ تُمہارے دِل دھوکا کھائیں اور تُم بہک کر اَور معبُودوں کی عِبادت اور پرستِش کرنے لگو۔

17 اور خُداوند کا غضب تُم پر بھڑکے اور وہ آسمان کو بند کر دے تاکہ مینہ نہ برسے اور زمِین میں کُچھ پَیداوار نہ ہو اور تُم اِس اچھّے مُلک سے جو خُداوند تُم کو دیتا ہے جلد فنا ہو جاؤ۔

18 اِس لِئے میری اِن باتوں کو تُم اپنے دِل اور اپنی جان میں محفُوظ رکھنا اور نِشان کے طَور پر اِن کو اپنے ہاتھوں پر باندھنا اور وہ تُمہاری پیشانی پر ٹِیکوں کی مانِند ہوں۔

19 اور تُم اِن کو اپنے لڑکوں کو سِکھانا اور تُو گھر بَیٹھے اور راہ چلتے اور لیٹتے اور اُٹھتے وقت اِن ہی کا ذِکر کِیا کرنا۔

20 اور تُو اِن کو اپنے گھر کی چَوکھٹوں پر اور اپنے پھاٹکوں پر لِکھا کرنا۔

21 تاکہ جب تک زمِین پر آسمان کا سایہ ہے تُمہاری اور تُمہاری اَولاد کی عُمر اُس مُلک میں دراز ہو جِس کو خُداوند نے تُمہارے باپ دادا کو دینے کی قَسم اُن سے کھائی تھی۔

22 کیونکہ اگر تُم اُن سب حُکموں کو جو مَیں تُم کو دیتا ہُوں جانفشانی سے مانو اور اُن پر عمل کرو اور خُداوند اپنے خُدا سے مُحبّت رکھّو اور اُس کی سب راہوں پر چلو اور اُس سے لِپٹے رہو۔

23 تو خُداوند اِن سب قَوموں کو تُمہارے آگے سے نِکال ڈالے گا اور تُم اُن قَوموں پر جو تُم سے بڑی اور زورآور ہیں قابِض ہو گے۔

24 جہاں جہاں تُمہارے پاؤں کا تلوا ٹِکے وہ جگہ تُمہاری ہو جائے گی یعنی بیابان اور لُبنان سے اور دریایِ فرات سے مغرِب کے سمُندر تک تُمہاری سرحد ہو گی۔

25 اور کوئی شخص وہاں تُمہارا مُقابلہ نہ کر سکے گا کیونکہ خُداوند تُمہارا خُدا تُمہارا رُعب اور خَوف اُس تمام مُلک میں جہاں کہِیں تُمہارے قدم پڑیں پَیدا کر دے گا جَیسا اُس نے تُم سے کہا ہے۔

26 دیکھو مَیں آج کے دِن تُمہارے آگے برکت اور لَعنت دونوں رکھّے دیتا ہُوں۔

27 برکت اُس حال میں جب تُم خُداوند اپنے خُدا کے حُکموں کو جو آج مَیں تُم کو دیتا ہُوں مانو۔

28 اور لَعنت اُس وقت جب تُم خُداوند اپنے خُدا کی فرمانبرداری نہ کرو اور اُس راہ کو جِس کی بابت مَیں آج تُم کو حُکم دیتا ہُوں چھوڑ کر اَور معبُودوں کی پَیروی کرو جِن سے تُم اب تک واقِف نہیں۔

29 اور جب خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو اُس مُلک میں جِس پر قبضہ کرنے کو تُو جا رہا ہے پُہنچا دے تو کوہِ گرِزِیم پر سے برکت اور کوہِ عیبا ل پر سے لَعنت سُنانا۔

30 وہ دونوں پہاڑ یَردن پار مغرِب کی طرف اُن کنعانیوں کے مُلک میں واقِع ہیں جو جِلجال کے مُقابِل مورہ کے بلُوطوں کے قرِیب مَیدان میں رہتے ہیں۔

31 اور تُم یَردن پار اِسی لِئے جانے کو ہو کہ اُس مُلک پر جو خُداوند تُمہارا خُدا تُم کو دیتا ہے قبضہ کرو اور تُم اُس پر قبضہ کرو گے بھی اور اُسی میں بسو گے۔

32 سو تُم اِحتیاط کر کے اُن سب آئِین اور احکام پر عمل کرنا جِن کو مَیں آج تُمہارے سامنے پیش کرتا ہُوں۔

اِستِثنا 12

عِبادت کے لِئے ایک جگہ

1 جب تک تُم دُنیا میں زِندہ رہو تُم اِحتیاط کر کے اِن ہی آئِین اور احکام پر اُس مُلک میں عمل کرنا جِسے خُداوند تیرے باپ دادا کے خُدا نے تُجھ کو دِیا ہے تاکہ تُو اُس پر قبضہ کرے۔

2 وہاں تُم ضرُور اُن سب جگہوں کو نیست و نابُود کر دیناجہاں جہاں وہ قَومیں جِن کے تُم وارِث ہو گے اُونچے اُونچے پہاڑوں پر اور ٹیلوں پر اور ہر ایک ہرے درخت کے نِیچے اپنے دیوتاؤں کی پُوجا کرتی تِھیں۔

3 تُم اُن کے مذبحوں کو ڈھا دینا اور اُن کے سُتُونوں کو توڑ ڈالنا اور اُن کی یسِیرتوں کو آگ لگا دینا اور اُن کے دیوتاؤں کی کُھدی ہُوئی مُورتوں کو کاٹ کر گِرا دینا اور اُس جگہ سے اُن کے نام تک کو مِٹا ڈالنا۔

4 پر خُداوند اپنے خُدا سے اَیسا نہ کرنا۔

5 بلکہ جِس جگہ کو خُداوند تُمہارا خُدا تُمہارے سب قبِیلوں میں سے چُن لے تاکہ وہاں اپنا نام قائِم کرے تُم اُس کے اُسی مسکن کے طالِب ہو کر وہاں جایا کرنا۔

6 اور وہِیں تُم اپنی سوختنی قُربانیوں اور ذبِیحوں اور دَہ یکِیوں اور اُٹھانے کی قُربانیوں اور اپنی مَنّتوں کی چِیزوں اور اپنی رضا کی قُربانیوں اور گائے بَیلوں اور بھیڑ بکرِیوں کے پہلوٹھوں کو گُذراننا۔

7 اور وہِیں خُداوند اپنے خُدا کے حضُور کھانا اور اپنے گھرانوں سمیت اپنے ہاتھ کی کمائی کی خُوشی بھی کرنا جِس میں خُداوند تیرے خُدا نے تُجھ کو برکت بخشی ہو۔

8 اور جَیسے ہم یہاں جو کام جِس کو ٹِھیک دِکھائی دیتا ہے وُہی کرتے ہیں اَیسے تُم وہاں نہ کرنا۔

9 کیونکہ تُم اب تک اُس آرام گاہ اور مِیراث کی جگہ تک جو خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو دیتا ہے نہیں پُہنچے ہو۔

10 لیکن جب تُم یَردن پار جا کر اُس مُلک میں جِس کا مالِک خُداوند تُمہارا خُدا تُم کو بناتا ہے بس جاؤ اور وہ تُمہارے سب دُشمنوں کی طرف سے جو گِردا گِرد ہیں تُم کو راحت دے اور تُم امن سے رہنے لگو۔

11 تو وہاں جِس جگہ کو خُداوند تُمہارا خُدا اپنے نام کے مسکن کے لِئے چُن لے وہِیں تُم یہ سب کُچھ جِس کا مَیں تُم کو حُکم دیتا ہُوں لے جایا کرنا یعنی اپنی سوختنی قُربانیاں اور اپنے ذبِیحے اور اپنی دَہ یکیاں اور اپنے ہاتھ کے اُٹھائے ہُوئے ہدئے اور اپنی خاص نذر کی چِیزیں جِن کی مَنّت تُم نے خُداوند کے لِئے مانی ہو۔

12 اور وہِیں تُم اور تُمہارے بیٹے بیٹِیاں اور تُمہارے نَوکر چاکر اور لَونڈیاں اور وہ لاوی بھی جو تُمہارے پھاٹکوں کے اندر رہتا ہو اور جِس کا کوئی حِصّہ یا مِیراث تُمہارے ساتھ نہیں سب کے سب مِل کر خُداوند اپنے خُدا کے حضُور خُوشی منانا۔

13 اور تُو خبردار رہنا تا اَیسا نہ ہو کہ جِس جگہ کو دیکھ لے وہِیں اپنی سوختنی قُربانی چڑھائے۔

14 بلکہ فقط اُسی جگہ جِسے خُداوند تیرے کِسی قبِیلہ میں چُن لے تُو اپنی سوختنی قُربانیاں گُذراننا اور وہِیں سب کُچھ جِس کا مَیں تُجھ کو حُکم دیتا ہُوں کرنا۔

15 پر گوشت کو تُو اپنے سب پھاٹکوں کے اندر اپنے دِل کی رغبت اور خُداوند اپنے خُدا کی دی ہُوئی برکت کے مُوافِق ذبح کر کے کھا سکے گا ۔ پاک اور ناپاک دونوں طرح کے آدمی اُسے کھا سکیں گے جَیسے چکارے اور ہرن کو کھاتے ہیں۔

16 لیکن تُم خُون کو بِالکُل نہ کھانا بلکہ تُو اُسے پانی کی طرح زمِین پر اُنڈیل دینا۔

17 اور تُو اپنے پھاٹکوں کے اندر اپنے غلّہ اور مَے اور تیل کی دَہ یکِیاں اور گائے بَیلوں اور بھیڑ بکرِیوں کے پہلوٹھے اور اپنی مَنّت مانی ہُوئی چِیزیں اور رضا کی قُربانیاں اور اپنے ہاتھ کی اُٹھائی ہُوئی قُربانیاں کبھی نہ کھانا۔

18 بلکہ تُو اور تیرے بیٹے بیٹِیاں اور تیرے نَوکر چاکر اور لَونڈِیاں اور وہ لاوی بھی جو تیرے پھاٹکوں کے اندر ہو اُن چِیزوں کو خُداوند اپنے خُدا کے حضُور اُس جگہ کھانا جِسے خُداوند تیرا خُدا چُن لے اور تُو خُداوند اپنے خُدا کے حضُور اپنے ہاتھ کی کمائی کی خُوشی منانا۔

19 اور خبردار جب تک تُو اپنے مُلک میں جِیتا رہے لاوِیوں کو چھوڑ نہ دینا۔

20 جب خُداوند تیرا خُدا اُس وعدہ کے مُطابِق جو اُس نے تُجھ سے کِیا ہے تیری سرحدکو بڑھائے اور تیرا جی گوشت کھانے کو کرے اور تُو کہنے لگے کہ مَیں تو گوشت کھاؤُں گا تو تُو جَیسا تیرا جی چاہے گوشت کھا سکتا ہے۔

21 اور اگر وہ جگہ جِسے خُداوند تیرے خُدا نے اپنے نام کو وہاں قائِم کرنے کے لِئے چُنا ہو تیرے مکان سے بُہت دُور ہو تو تُو اپنے گائے بَیل اور بھیڑ بکری میں سے جِن کو خُداوند نے تُجھ کو دِیا ہے کِسی کو ذبح کر لینا اور جَیسا مَیں نے تُجھ کو حُکم دِیا ہے تُو اُس کے گوشت کو اپنے دِل کی رغبت کے مُطابِق اپنے پھاٹکوں کے اندر کھانا۔

22 جَیسے چکارے اور ہرن کو کھاتے ہیں وَیسے ہی تُو اُسے کھانا ۔ پاک اور ناپاک دونوں طرح کے آدمی اُسے یکساں کھا سکیں گے۔

23 فقط اِتنی اِحتیاط ضرُور رکھنا کہ تُو خُون کو نہ کھانا کیونکہ خُون ہی تو جان ہے ۔ سو تُو گوشت کے ساتھ جان کو ہرگِز نہ کھانا۔

24 تُو اُس کو کھانا مت بلکہ اُسے پانی کی طرح زمِین پر اُنڈیل دینا۔

25 تُو اُسے نہ کھانا تاکہ تیرے اُس کام کے کرنے سے جو خُداوند کی نظر میں ٹِھیک ہے تیرا اور تیرے ساتھ تیری اَولاد کا بھی بھلا ہو۔

26 پر اپنی مُقدّس اشیا کو جو تیرے پاس ہوں اور اپنی مَنّتوں کی چِیزوں کو اُسی جگہ لے جانا جِسے خُداوند چُن لے۔

27 اور وہِیں اپنی سوختنی قُربانیوں کا گوشت اور خُون دونوں خُداوند اپنے خُدا کے مذبح پر چڑھانا اور خُداوند تیرے خُدا ہی کے مذبح پر تیرے ذبِیحوں کا خُون اُنڈیلا جائے مگر اُن کا گوشت تُو کھانا۔

28 اِن سب باتوں کو جِن کا مَیں تُجھ کو حُکم دیتا ہُوں غَور سے سُن لے تاکہ تیرے اُس کام کے کرنے سے جو خُداوند تیرے خُدا کی نظر میں اچھّا اور ٹِھیک ہے تیرا اور تیرے بعد تیری اَولاد کا بھلا ہو۔

بُت پرستی کے خِلاف اِنتباہ

29 جب خُداوند تیرا خُدا تیرے سامنے سے اُن قَوموں کو اُس جگہ جہاں تُو اُن کا وارِث ہونے کو جا رہا ہے کاٹ ڈالے اور تُو اُن کا وارِث ہو کر اُن کے مُلک میں بس جائے۔

30 تو تُو خبردار رہنا تا اَیسا نہ ہو کہ جب وہ تیرے آگے سے نابُود ہو جائیں تو تُو اِس پھندے میں پھنس جائے کہ اُن کی پَیروی کرے اور اُن کے دیوتاؤں کے بارے میں یہ دریافت کرے کہ یہ قَومیں کِس طرح سے اپنے دیوتاؤں کی پُوجا کرتی ہیں؟ مَیں بھی وَیسا ہی کرُوں گا۔

31 تُو خُداوند اپنے خُدا کے لِئے اَیسا نہ کرنا کیونکہ جِن جِن کاموں سے خُداوند کو نفرت اور عداوت ہے وہ سب اُنہوں نے اپنے دیوتاؤں کے لِئے کِئے ہیں بلکہ اپنے بیٹوں اور بیٹِیوں کو بھی وہ اپنے دیوتاؤں کے نام پر آگ میں ڈال کر جلا دیتے ہیں۔

32 جِس جِس بات کا مَیں حُکم کرتا ہُوں تُم اِحتیاط کر کے اُس پر عمل کرنا اور تُو اُس میں نہ تو کُچھ بڑھانا اور نہ اُس میں سے کُچھ گھٹانا۔

اِستِثنا 13

1 اگر تیرے درمیان کوئی نبی یا خواب دیکھنے والا ظاہِر ہو اور تُجھ کو کِسی نِشان یا عجِیب بات کی خبر دے۔

2 اور وہ نِشان یا عجِیب بات جِس کی اُس نے تُجھ کو خبر دی وقُوع میں آئے اور وہ تُجھ سے کہے کہ آ ہم اَور معبُودوں کی جِن سے تُو واقِف نہیں پَیروی کر کے اُن کی پُوجا کریں۔

3 تو تُو ہرگِز اُس نبی یا خواب دیکھنے والے کی بات کو نہ سُننا کیونکہ خُداوند تُمہارا خُدا تُم کو آزمائے گا تاکہ جان لے کہ تُم خُداوند اپنے خُدا سے اپنے سارے دِل اور اپنی ساری جان سے مُحبّت رکھتے ہو یا نہیں۔

4 تُم خُداوند اپنے خُدا کی پَیروی کرنا اور اُس کا خَوف ماننا اور اُس کے حُکموں پر چلنا اور اُس کی بات سُننا ۔ تُم اُسی کی بندگی کرنا اور اُسی سے لِپٹے رہنا۔

5 وہ نبی یا خواب دیکھنے والا قتل کِیا جائے کیونکہ اُس نے تُم کو خُداوند تُمہارے خُدا سے (جِس نے تُم کو مُلکِ مِصر سے نِکالا اور تُجھ کوغُلامی کے گھر سے رہائی بخشی) بغاوت کرنے کی ترغِیب دی تاکہ تُجھ کو اُس راہ سے جِس پر خُداوند تیرے خُدا نے تُجھ کو چلنے کا حُکم دِیا ہے بہکائے ۔ یُوں تُو اپنے بِیچ میں سے اَیسی بدی کو دُور کر دینا۔

6 اگر تیرا بھائی یا تیری ماں کا بیٹا یا تیرا بیٹا یا بیٹی یا تیری ہم آغوش بِیوی یا تیرا دوست جِس کو تُو اپنی جان کے برابر عزِیز رکھتا ہے تُجھ کو چُپکے چُپکے پُھسلا کر کہے کہ چلو ہم اَور دیوتاؤں کی پُوجا کریں جِن سے تُو اور تیرے باپ دادا واقِف بھی نہیں۔

7 یعنی اُن لوگوں کے دیوتا جو تُمہارے گرِداگِرد تیرے نزدِیک رہتے ہیں یا تُجھ سے دُور زمِین کے اِس سِرے سے اُس سِرے تک بسے ہُوئے ہیں۔

8 تو تُو اِس پر اُس کے ساتھ رضامند نہ ہونا اور نہ اُس کی بات سُننا ۔ تُو اُس پر ترس بھی نہ کھانا اور نہ اُس کی رِعایت کرنا اور نہ اُسے چُھپانا۔

9 بلکہ تُو اُس کو ضرُور قتل کرنا اور اُس کو قتل کرتے وقت پہلے تیرا ہاتھ اُس پر پڑے ۔ اُس کے بعد سب قَوم کا ہاتھ۔

10 اور تُو اُسے سنگسار کرنا تاکہ وہ مَر جائے کیونکہ اُس نے تُجھ کو خُداوند تیرے خُدا سے جو تُجھ کو مُلکِ مِصر یعنی غُلامی کے گھر سے نِکال لایا برگشتہ کرنا چاہا۔

11 تب سب اِسرا ئیل سُن کر ڈریں گے اور تیرے درمیان پِھر اَیسی شرارت نہیں کریں گے۔

12 اور جو شہر خُداوند تیرے خُدا نے تُجھ کو رہنے کو دِئے ہیں اگر اُن میں سے کِسی کے بارے میں تُو یہ افواہ سُنے کہ۔

13 چند خبِیث آدمِیوں نے تیرے ہی بِیچ میں سے نِکل کر اپنے شہر کے لوگوں کو یہ کہہ کر گُمراہ کر دِیا ہے کہ چلو!ہم اَور معبُودوں کی جِن سے تُم واقِف نہیں پُوجا کریں۔

14 تو تُو دریافت اور خُوب تفتِیش کر کے پتا لگانا اور دیکھ اگر یہ سچ ہو اور قطعی یِہی بات نِکلے کہ اَیسا مکرُوہ کام تیرے درمیان کِیا گیا۔

15 تو تُو اُس شہر کے باشِندوں کو تلوار سے ضرُور قتل کر ڈالنا اور وہاں کا سب کُچھ اور چَوپائے وغیرہ تلوار ہی سے نیست و نابُود کر دینا۔

16 اور وہاں کی ساری لُوٹ کو چَوک کے بِیچ جمع کر کے اُس شہر کو اور وہاں کی لُوٹ کو تِنکا تِنکا خُداوند اپنے خُدا کے حضُور آگ سے جلا دینا اور وہ ہمیشہ کو ایک ڈھیر سا پڑا رہے اور پِھر کبھی بنایا نہ جائے۔

17 اور اُن مخصُوص کی ہُوئی چِیزوں میں سے کُچھ بھی تیرے ہاتھ میں نہ رہے تاکہ خُداوند اپنے قہرِ شدِید سے باز آئے اور جَیسا اُس نے تیرے باپ دادا سے قَسم کھائی ہے اُس کے مُطابِق تُجھ پر رحم کرے اور ترس کھائے اور تُجھ کو بڑھائے۔

18 یہ تب ہی ہو گا جب تُو خُداوند اپنے خُدا کی بات مان کراُس کے حُکموں پر جو آج مَیں تُجھ کو دیتا ہُوں چلے اور جو کُچھ خُداوند تیرے خُدا کی نظر میں ٹِھیک ہے اُسی کو کرے۔

اِستِثنا 14

ماتم میں ایک رسم کی مُمانعت

1 تم خُداوند اپنے خُدا کے فرزند ہو ۔ تُم مُردوں کے سبب سے اپنے آپ کو زخمی نہ کرنا اور نہ اپنے ابرُو کے بال مُنڈوانا۔

2 کیونکہ تُو خُداوند اپنے خُدا کی مُقدّس قَوم ہے اور خُداوند نے تُجھ کو رُویِ زمِین کی اَور سب قَوموں میں سے چُن لِیا ہے تاکہ تُو اُس کی خاص قَوم ٹھہرے۔

پاک اور ناپاک جانور

3 تُو کِسی گھِنَونی چِیز کو مت کھانا۔

4 جِن چَوپایوں کو تُم کھا سکتے ہو وہ یہ ہیں یعنی گائے بَیل اور بھیڑ اور بکری۔

5 اور ہرن اور چکارا اور چھوٹا ہرن اور بُزِ کوہی اور سابر اور نِیل گائے اور جنگلی بھیڑ۔

6 اَورچَوپایوں میں سے جِس جِس کے پاؤں الگ اور چِرے ہُوئے ہیں اور وہ جُگالی بھی کرتا ہو تُم اُسے کھا سکتے ہو۔

7 لیکن اُن میں سے جو جُگالی کرتے ہیں یا اُن کے پاؤں چِرے ہُوئے ہیں تُم اُن کو یعنی اُونٹ اور خرگوش اور سافان کو نہ کھانا کیونکہ یہ جُگالی کرتے ہیں لیکن اِن کے پاؤں چِرے ہُوئے نہیں ہیں سو یہ تُمہارے لِئے ناپاک ہیں۔

8 اور سُؤر تُمہارے لِئے اِس سبب سے ناپاک ہے کہ اُس کے پاؤں تو چِرے ہُوئے ہیں پر وہ جُگالی نہیں کرتا ۔ تُم نہ تو اُن کا گوشت کھانا اور نہ اُن کی لاش کو ہاتھ لگانا۔

9 آبی جانوروں میں سے تُم اُن ہی کو کھانا جِن کے پر اور چِھلکے ہوں۔

10 لیکن جِس کے پر اور چِھلکے نہ ہوں تُم اُسے مت کھانا ۔ وہ تُمہارے لِئے ناپاک ہے۔

11 پاک پرِندوں میں سے تُم جِسے چاہو کھا سکتے ہو۔

12 لیکن اِن میں سے تُم کِسی کو نہ کھانا یعنی عُقاب اور اُستخوان خوار اور بحری عُقاب۔

13 اور چِیل اور باز اور گِدھ اور اُن کی اِقسام۔

14 ہر قِسم کا کوّا۔

15 اور شُتر مُرغ اور چُغد اور کوکل اور قِسم قِسم کے شاہِین۔

16 اور بُوم اور اُلُّو اور قاز۔

17 اور حواصِل اور رخم اور ہڑگیلا۔

18 اور لقلق اور ہر قِسم کا بگلا اور ہُدہُد اور چمگادڑ۔

19 اور سب پردار رینگنے والے جاندار تُمہارے لِئے ناپاک ہیں ۔ وہ کھائے نہ جائیں۔

20 اور پاک پرِندوں میں سے تُم جِسے چاہو کھاؤ۔

21 جو جانور آپ ہی مَر جائے تُم اُسے مت کھانا ۔ تُو اُسے کِسی پردیسی کو جو تیرے پھاٹکوں کے اندر ہو کھانے کو دے سکتا ہے یا اُسے کِسی اجنبی آدمی کے ہاتھ بیچ سکتا ہے کیونکہ تُو خُداوند اپنے خُدا کی مُقدّس قَوم ہے ۔

تُو حلوان کو اُسی کی ماں کے دُودھ میں نہ اُبالنا۔

دَہ یکی کا حُکم

22 تُو اپنے غلّہ میں سے جو سال بسال تیرے کھیتوں میں پَیدا ہو دَہ یکی دینا۔

23 اور تُو خُداوند اپنے خُدا کے حضُور اُسی مقام میں جِسے وہ اپنے نام کے مسکن کے لِئے چُنے اپنے غلّہ اور مَے اور تیل کی دَہ یکی کو اور اپنے گائے بَیل اور بھیڑ بکرِیوں کے پہلوٹھوں کو کھانا تاکہ تُو ہمیشہ خُداوند اپنے خُدا کا خَوف ماننا سِیکھے۔

24 اور اگر وہ جگہ جِس کو خُداوند تیرا خُدا اپنے نام کو وہاں قائِم کرنے کے لِئے چُنے تیرے گھر سے بُہت دُور ہو اور راستہ بھی اِس قدر لمبا ہو کہ تُو اپنی دَہ یکی کو اُس حال میں جب خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو برکت بخشے وہاں تک نہ لے جا سکے۔

25 تو تُو اُسے بیچ کر رُوپَے کو باندھ ہاتھ میں لِئے ہُوئے اُس جگہ چلے جانا جِسے خُداوند تیرا خُدا چُنے۔

26 اور اِس رُوپَے سے جو کُچھ تیرا جی چاہے خواہ گائے بَیل یا بھیڑ بکری یا مَے یا شراب مول لے کر اُسے اپنے گھرانے سمیت وہاں خُداوند اپنے خُدا کے حضُور کھانا اور خُوشی منانا۔

27 اور لاوی کو جو تیرے پھاٹکوں کے اندر ہے چھوڑ نہ دینا کیونکہ اُس کا تیرے ساتھ کوئی حِصّہ یا میراث نہیں ہے۔

28 تِین تِین برس کے بعد تُو تِیسرے برس کے مال کی ساری دَہ یکی نِکال کر اُسے اپنے پھاٹکوں کے اندر اِکٹّھا کرنا۔

29 تب لاوی جِس کا تیرے ساتھ کوئی حِصّہ یا مِیراث نہیں اور پردیسی اوریتیِم اور بیوہ عَورتیں جو تیرے پھاٹکوں کے اندر ہوں آئیں اور کھا کر سیر ہوں تاکہ خُداوند تیرا خُدا تیرے سب کاموں میں جِن کو تُو ہاتھ لگائے تُجھ کو برکت بخشے۔

اِستِثنا 15

ساتواں سال

1 ہر سات سال کے بعد تُو چُھٹکارا دِیا کرنا۔

2 اور چُھٹکارا دینے کا طرِیقہ یہ ہو کہ اگر کِسی نے اپنے پڑوسی کو کُچھ قرض دِیا ہو تو وہ اُسے چھوڑ دے اور اپنے پڑوسی سے یا بھائی سے اُس کا مُطالبہ نہ کرے کیونکہ خُداوند کے نام سے اِس چُھٹکارے کا اِعلان ہُؤا ہے۔

3 پردیسی سے تُو اُس کا مُطالبہ کر سکتا ہے پر جو کُچھ تیرا تیرے بھائی پر آتا ہو اُس کی طرف سے دست بردار ہو جانا۔

4 تیرے درمیان کوئی کنگال نہ رہے کیونکہ خُداوند تُجھ کو اِس مُلک میں ضرُور برکت بخشے گا جِسے خُود خُداوند تیرا خُدا مِیراث کے طَور پر تُجھ کو قبضہ کرنے کو دیتا ہے۔

5 بشرطیکہ تُو خُداوند اپنے خُدا کی بات مان کر اِن سب احکام پر چلنے کی اِحتیاط رکھّے جو مَیں آج تُجھ کو دیتا ہُوں۔

6 کیونکہ خُداوند تیرا خُدا جَیسا اُس نے تُجھ سے وعدہ کِیا ہے تُجھ کو برکت بخشے گا اور تُو بُہت سی قَوموں کو قرض دے گا پر تُجھ کو اُن سے قرض لینا نہ پڑے گااور تُو بُہت سی قَوموں پر حُکمرانی کرے گا پر وہ تُجھ پر حُکمرانی کرنے نہ پائیں گی۔

7 جو مُلک خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو دیتا ہے اگر اُس میں کہِیں تیرے پھاٹکوں کے اندر تیرے بھائِیوں میں سے کوئی مُفلِس ہو تو تُو اپنے اُس مُفلِس بھائی کی طرف سے نہ اپنا دِل سخت کرنا اور نہ اپنی مُٹّھی بند کر لینا۔

8 بلکہ اُس کی اِحتیاج رفع کرنے کو جو چِیز اُسے درکار ہو اُس کے لِئے تُو ضرُور فراخ دستی سے اُسے قرض دینا۔

9 خبردار رہنا کہ تیرے دِل میں یہ بُرا خیال نہ گُذرنے پائے کہ ساتواں سال جو چُھٹکارے کا سال ہے نزدِیک ہے اور تیرے مُفلِس بھائی کی طرف سے تیری نظر بد ہو جائے اور تُو اُسے کُچھ نہ دے اور وہ تیرے خِلاف خُداوند سے فریاد کرے اور یہ تیرے لِئے گُناہ ٹھہرے۔

10 بلکہ تُجھ کو اُسے ضرُور دینا ہو گا اور اُس کو دیتے وقت تیرے دِل کو بُرا بھی نہ لگے اِس لِئے کہ اَیسی بات کے سبب سے خُداوند تیرا خُدا تیرے سب کاموں میں اور سب مُعاملوں میں جِن کو تُو اپنے ہاتھ میں لے گا تُجھ کو برکت بخشے گا۔

11 اور چُونکہ مُلک میں کنگال سدا پائے جائیں گے اِس لِئے مَیں تُجھ کو حُکم کرتا ہُوں کہ تُو اپنے مُلک میں اپنے بھائی یعنی کنگالوں اور مُحتاجوں کے لِئے اپنی مُٹّھی کُھلی رکھنا۔

غُلاموں کے ساتھ سلُوک

12 اگر تیرا کوئی بھائی خواہ وہ عِبرانی مَرد ہو یا عِبرانی عَورت تیرے ہاتھ بِکے اور وہ چھ برس تک تیری خِدمت کرے تو تُو ساتویں سال اُس کو آزاد ہو کر جانے دینا۔

13 اور جب تُو اُسے آزاد کر کے اپنے پاس سے رُخصت کرے تو اُسے خالی ہاتھ نہ جانے دینا۔

14 بلکہ تُو اپنی بھیڑ بکری اور کھتّے اور کولُھو میں سے دِل کھول کر اُسے دینا یعنی خُداوند تیرے خُدا نے جَیسی برکت تُجھ کو دی ہو اُس کے مُطابِق اُسے دینا۔

15 اور یاد رکھنا کہ مُلکِ مِصر میں تُو بھی غُلام تھا اور خُداوند تیرے خُدا نے تُجھ کو چُھڑایا اِسی لِئے مَیں تُجھ کو اِس بات کا حُکم آج دیتا ہُوں۔

16 اور اگر وہ اِس سبب سے کہ اُسے تُجھ سے اور تیرے گھرانے سے مُحبّت ہو اور وہ تیرے ساتھ خُوشحال ہو تُجھ سے کہنے لگے کہ مَیں تیرے پاس سے نہیں جاتا۔

17 تو تُو ایک سُتاری لے کر اُس کا کان دروازہ سے لگا کر چھید دینا تو وہ سدا تیرا غُلام بنا رہے گا اور اپنی لَونڈی سے بھی اَیسا ہی کرنا۔

18 اور اگر تُو اُسے آزاد کر کے اپنے پاس سے رُخصت کرے تو اُسے مُشکِل نہ گرداننا کیونکہ اُس نے دو مزدُوروں کے برابر چھ برس تک تیری خِدمت کی اور خُداوند تیرا خُدا تیرے سب کاروبار میں تُجھ کو برکت بخشے گا۔

مویشی اور بھیڑوں کے پہلَوٹھے

19 تیرے گائے بَیل اور بھیڑ بکرِیوں میں جِتنے پہلوٹھے نرپَیدا ہوں اُن سب کو خُداوند اپنے خُدا کے لِئے مُقدّس کرنا ۔ اپنے گائے بَیل کے پہلوٹھے سے کُچھ کام نہ لینا اور نہ اپنی بھیڑ بکری کے پہلوٹھے کے بال کترنا۔

20 تُو اُسے اپنے گھرانے سمیت خُداوند اپنے خُدا کے حضُور اُسی جگہ جِسے خُداوند چُن لے سال بسال کھایا کرنا۔

21 اور اگر اُس میں کوئی نقص ہو مثلاً وہ لنگڑا یا اندھا ہو یا اُس میں اَور کوئی بُرا عَیب ہو تو خُداوند اپنے خُدا کے لِئے اُس کی قُربانی نہ گُذراننا۔

22 تُو اُسے اپنے پھاٹکوں کے اندر کھانا ۔ پاک اور ناپاک دونوں طرح کے آدمی جَیسے چکارے اور ہرن کو کھاتے ہیں وَیسے ہی اُسے کھائیں۔

23 پر اُس کے خُون کو ہرگِز نہ کھانا بلکہ تُو اُس کو پانی کی طرح زمِین پر اُنڈیل دینا۔

اِستِثنا 16

عِیدِ فَسح

1 تُو ابِیب کے مہِینے کو یاد رکھنا اور اُس میں خُداوند اپنے خُدا کی فَسح کرنا کیونکہ خُداوند تیرا خُدا ابِیب کے مہِینے میں رات کے وقت تُجھ کو مِصر سے نِکال لایا۔

2 اور جِس جگہ کو خُداوند اپنے نام کے مسکن کے لِئے چُنے وہِیں تُو خُداوند اپنے خُدا کے لِئے اپنے گائے بَیل اور بھیڑ بکری میں سے فَسح کی قُربانی چڑھانا۔

3 تُو اُس کے ساتھ خمِیری روٹی نہ کھانا بلکہ سات دِن تک اُس کے ساتھ بے خمِیری روٹی جو دُکھ کی روٹی ہے کھانا کیونکہ تُو مُلکِ مِصر سے ہڑبڑی میں نِکلا تھا ۔ یُوں تُو عُمر بھر اُس دِن کو جب تُو مُلکِ مِصر سے نِکلا یاد رکھ سکے گا۔

4 اور تیری حُدُود کے اندر سات دِن تک کہِیں خمِیر نظر نہ آئے اور اُس قُربانی میں سے جِس کو تُو پہلے دِن کی شام کو چڑھائے کُچھ گوشت صُبح تک باقی نہ رہنے پائے۔

5 تُو فَسح کی قُربانی کو اپنے پھاٹکوں کے اندر جِن کو خُداوند تیرے خُدا نے تُجھ کو دِیا ہو کہِیں نہ چڑھانا۔

6 بلکہ جِس جگہ کو خُداوند تیرا خُدا اپنے نام کے مسکن کے لِئے چُنے گا وہاں تُو فَسح کی قُربانی کو اُس وقت جب تُو مِصر سے نِکلا تھا یعنی شام کو سُورج ڈُوبتے وقت گُذراننا۔

7 اور جِس جگہ کو خُداوند تیرا خُدا چُنے وہِیں اُسے بُھون کر کھانا اور پِھر صُبح کو اپنے اپنے ڈیرے کو لَوٹ جانا۔

8 چھ دِن تک بے خمِیری روٹی کھانا اور ساتویں دِن خُداوند تیرے خُدا کی خاطِر مُقدّس مجمع ہو ۔ اُس میں تُو کوئی کام نہ کرنا۔

فصل کاٹنے کی عِید

9 پِھر تُو سات ہفتے یُوں گِننا کہ جب سے ہنسوا لے کر فصل کاٹنی شرُوع کرے تب سے سات ہفتے گِن لینا۔

10 تب جَیسی برکت خُداوند تیرے خُدا نے دی ہو اُس کے مُطابِق اپنے ہاتھ کی رضا کی قُربانی کا ہدیہ لا کر خُداوند اپنے خُدا کے لِئے ہفتوں کی عِید منانا۔

11 اور اُسی جگہ جِسے خُداوند تیرا خُدا اپنے نام کے مسکن کے لِئے چُنے گا تُو اور تیرے بیٹے بیٹِیاں اور تیرے غُلام اور لَونڈِیاں اور وہ لاوی جو تیرے پھاٹکوں کے اندر ہو اور مُسافِر اور یتِیم اور بیوہ جو تیرے درمیان ہوں سب مِل کر خُداوند اپنے خُدا کے حضُور خُوشی منانا۔

12 اور یاد رکھنا کہ تُو مِصر میں غُلام تھا اور اِن حُکموں پر اِحتیاط کر کے عمل کرنا۔

عِیدِخیام (جَھونپڑوں کی عِید)

13 جب تُو اپنے کھلِیہان اور کولُھو کا مال جمع کر چُکے تو سات دِن تک عِیدِ خیام کرنا۔

14 اور تُو اور تیرے بیٹے بیٹِیاں اور غُلام اور لَونڈِیاں اور لاوی اور مُسافِر اور یتِیم اور بیوہ جو تیرے پھاٹکوں کے اندر ہوں سب تیری اِس عِید میں خُوشی منائیں۔

15 سات دِن تک تُو خُداوند اپنے خُدا کے لِئے اُسی جگہ جِسے خُداوند چُنے عِید کرنا اِس لِئے کہ خُداوند تیرا خُدا تیرے سارے مال میں اور سب کاموں میں جِن کو تُو ہاتھ لگائے تُجھ کو برکت بخشے گا ۔ سو تُو پُوری پُوری خُوشی کرنا۔

16 اور سال میں تِین بار یعنی بے خمِیری روٹی کی عِید اور ہفتوں کی عِید اور عِید ِ خیام کے مَوقع پر تیرے ہاں کے سب مَرد خُداوند اپنے خُدا کے آگے اُسی جگہ حاضِر ہُؤا کریں جِسے وہ چُنے گا اور جب آئیں تو خُداوند کے حضُور خالی ہاتھ نہ آئیں۔

17 بلکہ ہر مَرد جَیسی برکت خُداوند تیرے خُدا نے تُجھ کو بخشی ہو اپنی تَوفِیق کے مُطابِق دے۔

عدل و اِنصاف کا نظام

18 تُو اپنے قبِیلوں کی سب بستیوں میں جِن کو خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو دے قاضی اور حاکِم مُقرّر کرنا جو صداقت سے لوگوں کی عدالت کریں۔

19 تُو اِنصاف کا خُون نہ کرنا ۔ تُو نہ تو کِسی کی رُو رِعایت کرنا اور نہ رِشوت لینا کیونکہ رِشوت دانِش مند کی آنکھوں کو اندھا کر دیتی ہے اور صادِق کی باتوں کو پلٹ دیتی ہے۔

20 جو کُچھ بِالکُل حق ہے تُو اُسی کی پَیروی کرنا تاکہ تُو جِیتا رہے اور اُس مُلک کا مالِک بن جائے جو خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو دیتا ہے۔

21 جو مذبح تُو خُداوند اپنے خُدا کے لِئے بنائے اُس کے قرِیب کِسی قِسم کے درخت کی یسِیرت نہ لگانا۔

22 اور نہ کوئی سُتُون اپنے لِئے کھڑا کر لینا جِس سے خُداوند تیرے خُدا کو نفرت ہے۔

اِستِثنا 17

1 تُو خُداوند اپنے خُدا کے لِئے کوئی بَیل یا بھیڑ بکری جِس میں کوئی عَیب یا بُرائی ہو ذبح مت کرنا کیونکہ یہ خُداوند تیرے خُدا کے نزدِیک مکرُوہ ہے۔

2 اگر تیرے درمیان تیری بستِیوں میں جِن کو خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو دے کہِیں کوئی مَرد یا عَورت مِلے جِس نے خُداوند تیرے خُدا کے حضُور یہ بدکاری کی ہو کہ اُس کے عہد کو توڑا ہو۔

3 اور جا کر اَور معبُودوں کی یا سُورج یا چاند یا اجرامِ فلک میں سے کِسی کی جِس کا حُکم مَیں نے تُجھ کو نہیں دِیا پُوجا اور پرستِش کی ہو۔

4 اور یہ بات تُجھ کو بتائی جائے اور تیرے سُننے میں آئے تو تُو جانفشانی سے تحقِیقات کرنا اور اگر یہ ٹِھیک ہو اور قطعی طَور پر ثابِت ہو جائے کہ اِسرا ئیل میں اَیسا مکرُوہ کام ہُؤا۔

5 تو تُو اُس مَرد یا اُس عَورت کو جِس نے یہ بُرا کام کِیا ہو باہر اپنے پھاٹکوں پر نِکال لے جانا اور اُن کو اَیسا سنگسار کرنا کہ وہ مَر جائیں۔

6 جو واجِبُ القتل ٹھہرے وہ دو یا تِین آدمِیوں کی گواہی سے مارا جائے ۔ فقط ایک ہی آدمی کی گواہی سے وہ مارا نہ جائے۔

7 اُس کو قتل کرتے وقت گواہوں کے ہاتھ پہلے اُس پر اُٹھیں اُس کے بعد باقی سب لوگوں کے ہاتھ ۔ یُوں تُو اپنے درمیان سے شرارت کو دُور کِیا کرنا۔

8 اگر تیری بستِیوں میں کہِیں آپس کے خُون یا آپس کے دعویٰ یا آپس کی مار پِیٹ کی بابت کوئی جھگڑے کی بات اُٹھے اور اُس کا فَیصلہ کرنا تیرے لِئے نِہایت ہی مُشکِل ہو تو تُو اُٹھ کر اُس جگہ جِسے خُداوند تیرا خُدا چُنے گا جانا۔

9 اور لاوی کاہِنوں اور اُن دِنوں کے قاضِیوں کے پاس پُہنچ کر اُن سے دریافت کرنا اور وہ تُجھ کو فَیصلہ کی بات بتائیں گے۔

10 اور تُو اُسی فَیصلہ کے مُطابِق جو وہ تُجھ کو اُس جگہ سے جِسے خُداوند چُنے گا بتائیں عمل کرنا ۔ جَیسا وہ تُجھ کو سِکھائیں اُسی کے مُطابِق سب کُچھ اِحتیاط کر کے ماننا۔

11 شرِیعت کی جو بات وہ تُجھ کو سِکھائیں اور جَیسا فَیصلہ تُجھ کو بتائیں اُسی کے مُطابِق کرنا اور جو کُچھ فتویٰ وہ دیں اُس سے دہنے یا بائیں نہ مُڑنا۔

12 اور اگر کوئی شخص گُستاخی سے پیش آئے کہ اُس کاہِن کی بات جو خُداوند تیرے خُدا کے حضُور خِدمت کے لِئے کھڑا رہتا ہے یا اُس قاضی کا کہا نہ سُنے تو وہ شخص مار ڈالا جائے اور تُو اِسرا ئیل میں سے اَیسی بُرائی کو دُور کر دینا۔

13 اور سب لوگ سُن کر ڈر جائیں گے اور پِھر گُستاخی سے پیش نہیں آئیں گے۔

بادشاہ بنانے کی بابت ہدایات

14 جب تُو اُس مُلک میں جِسے خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو دیتا ہے پُہنچ جائے اور اُس پر قبضہ کر کے وہاں رہنے اور کہنے لگے کہ اُن قَوموں کی طرح جو میرے گِرداگِرد ہیں مَیں بھی کِسی کو اپنا بادشاہ بناؤُں۔

15 تو تُو بہر حال فقط اُسی کو اپنا بادشاہ بنانا جِس کو خُداوند تیرا خُدا چُن لے ۔ تُو اپنے بھائِیوں میں سے ہی کِسی کو اپنا بادشاہ بنانا اور پردیسی کو جو تیرا بھائی نہیں اپنے اُوپر حاکِم نہ کر لینا۔

16 اِتنا ضرُور ہے کہ وہ اپنے لِئے بُہت گھوڑے نہ بڑھائے اور نہ لوگوں کو مِصر میں بھیجے تاکہ اُس کے پاس بُہت سے گھوڑے ہو جائیں اِس لِئے کہ خُداوند نے تُم سے کہا ہے کہ تُم اُس راہ سے پِھر کبھی اُدھر نہ لَوٹنا۔

17 اور وہ بُہت سی بِیویاں بھی نہ رکھّے تا نہ ہو کہ اُس کا دِل پِھر جائے اورنہ وہ اپنے لِئے سونا چاندی ذخیرہ کرے۔

18 اور جب وہ تختِ سلطنت پر جلُوس کرے تو اُس شرِیعت کی جو لاوی کاہِنوں کے پاس رہے گی ایک نقل اپنے لِئے ایک کِتاب میں اُتار لے۔

19 اور وہ اُسے اپنے پاس رکھّے اور اپنی ساری عُمر اُس کو پڑھا کرے تاکہ وہ خُداوند اپنے خُدا کا خَوف ماننا اور اُس شرِیعت اور آئِین کی سب باتوں پر عمل کرنا سِیکھے۔

20 جِس سے اُس کے دِل میں غرُور نہ ہو کہ وہ اپنے بھائِیوں کو حقِیر جانے اور اِن احکام سے نہ تو دہنے نہ بائیں مُڑے تاکہ اِسرائیلیوں کے درمیان اُس کی اور اُس کی اَولاد کی سلطنت مُدّت تک رہے۔

اِستِثنا 18

کاہِنوں کا حِصّہ

1 لاوی کاہِنوں یعنی لاو ی کے قبِیلہ کا کوئی حِصّہ اور مِیراث اِسرا ئیل کے ساتھ نہ ہو ۔ وہ خُداوند کی آتِشِین قُربانیاں اور اُسی کی مِیراث کھایا کریں۔

2 اِس لِئے اُن کے بھائِیوں کے ساتھ اُن کو مِیراث نہ مِلے ۔ خُداوند اُن کی مِیراث ہے جَیسا اُس نے خُود اُن سے کہا ہے۔

3 اور جو لوگ گائے بَیل یا بھیڑ یا بکری کی قُربانی گُذرانتے ہیں اُن کی طرف سے کاہِنوں کا یہ حق ہو گا کہ وہ کاہِن کو شانہ اور کنپٹِیاں اور جھوجھ دیں۔

4 اور تُو اپنے اناج اور مَے اور تیل کے پہلے پَھل میں سے اور اپنی بھیڑوں کے بال میں سے جو پہلی دفعہ کُترے جائیں اُسے دینا۔

5 کیونکہ خُداوند تیرے خُدا نے اُس کو تیرے سب قبِیلوں میں سے چُن لِیا ہے تاکہ وہ اور اُس کی اَولاد ہمیشہ خُداوند کے نام سے خِدمت کے لِئے حاضِر رہیں۔

6 اور تیری جو بستِیاں سب اِسرائیلِیوں میں ہیں اُن میں سے اگر کوئی لاوی کِسی بستی سے جہاں وہ بُود و باش کرتا تھا آئے اور اپنے دِل کی پُوری رغبت سے اُس جگہ حاضِر ہو جِس کو خُداوند چُنے گا۔

7 تو اپنے سب لاوی بھائِیوں کی طرح جو وہاں خُداوند کے حضُور کھڑے رہتے ہیں وہ بھی خُداوند اپنے خُدا کے نام سے خِدمت کرے۔

8 اور اُن سب کو کھانے کو برابر حِصّہ مِلے ۔ سِوا اُس دام کے جو اُس کے باپ دادا کی مِیراث بیچنے سے اُسے حاصِل ہو۔

بے دینی کی رسموں کے خِلاف اِنتباہ

9 جب تُو اُس مُلک میں جو خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو دیتا ہے پُہنچ جائے تو وہاں کی قَوموں کی طرح مکرُوہ کام کرنے نہ سِیکھنا۔

10 تُجھ میں ہرگِز کوئی اَیسا نہ ہو جو اپنے بیٹے یا بیٹی کو آگ میں چلوائے یا فالگِیریا شگُون نِکالنے والا یا افسُون گر یا جادُوگر۔

11 یا منتری یا جِنّات کا آشنا یا رمّال یا ساحِر ہو۔

12 کیونکہ وہ سب جو اَیسے کام کرتے ہیں خُداوند کے نزدِیک مکرُوہ ہیں اور اِن ہی مکرُوہات کے سبب سے خُداوند تیرا خُدا اُن کو تیرے سامنے سے نِکالنے پر ہے۔

13 تُو خُداوند اپنے خُدا کے حضُور کامِل رہنا۔

ایک نبی بھیجنے کا وعدہ

14 کیونکہ وہ قَومیں جِن کا تُو وارِث ہو گا شگُون نِکالنے والوں اور فالگِیروں کی سُنتی ہیں پر تُجھ کو خُداوند تیرے خُدا نے اَیسا کرنے نہ دِیا۔

15 خُداوند تیرا خُدا تیرے لِئے تیرے ہی درمیان سے یعنی تیرے ہی بھائِیوں میں سے میری مانِند ایک نبی برپا کرے گا ۔ تُم اُس کی سُننا۔

16 یہ تیری اُس درخواست کے مُطابِق ہو گا جو تُو نے خُداوند اپنے خُدا سے مجمع کے دِن حورِب میں کی تھی کہ مُجھ کو نہ تو خُداوند اپنے خُدا کی آواز پِھر سُننی پڑے اور نہ اَیسی بڑی آگ ہی کا نظّارہ ہو تاکہ مَیں مَر نہ جاؤُں۔

17 اور خُداوند نے مُجھ سے کہا کہ وہ جو کُچھ کہتے ہیں سو ٹِھیک کہتے ہیں۔

18 مَیں اُن کے لِئے اُن ہی کے بھائِیوں میں سے تیری مانِند ایک نبی برپا کرُوں گا اور اپنا کلام اُس کے مُنہ میں ڈالُوں گا اور جو کُچھ مَیں اُسے حُکم دُوں گا وُہی وہ اُن سے کہے گا۔

19 اور جو کوئی میری اُن باتوں کو جِن کو وہ میرا نام لے کر کہے گا نہ سُنے تو مَیں اُن کا حِساب اُس سے لُوں گا۔

20 لیکن جو نبی گُستاخ بن کر کوئی اَیسی بات میرے نام سے کہے جِس کے کہنے کا مَیں نے اُس کو حُکم نہیں دِیا یا اَور معبُودوں کے نام سے کُچھ کہے تو وہ نبی قتل کِیا جائے۔

21 اور اگر تُو اپنے دِل میں کہے کہ جو بات خُداوند نے نہیں کہی ہے اُسے ہم کیونکر پہچانیں؟۔

22 توپہچان یہ ہے کہ جب وہ نبی خُداوند کے نام سے کُچھ کہے اور اُس کے کہے کے مُطابِق کُچھ واقِع یا پُورا نہ ہو تو وہ بات خُداوند کی کہی ہُوئی نہیں بلکہ اُس نبی نے وہ بات خُود گُستاخ بن کر کہی ہے تُو اُس سے خَوف نہ کرنا۔