یشُوع 23

یشُوع کا الوداعی پَیغام

1 اِس کے بُہت دِنوں بعد جب خُداوند نے بنی اِسرائیل کو اُن کے سب گِرداگِرد کے دُشمنوں سے آرام دِیا اور یشُوع بُڈّھا اور عُمر رسِیدہ ہُؤا۔

2 تو یشُوع نے سب اِسرائیلِیوں اور اُن کے بزُرگوں اور سرداروں اور قاضِیوں اور منصبداروں کو بُلوا کر اُن سے کہا کہ مَیں بُڈّھا اور عُمر رسِیدہ ہُوں۔

3 اور جو کُچھ خُداوند تُمہارے خُدا نے تُمہارے سبب سے اِن سب قَوموں کے ساتھ کِیا وہ سب تُم دیکھ چُکے ہو کیونکہ خُداوند تُمہارے خُدا نے آپ تُمہارے لِئے جنگ کی۔

4 دیکھو مَیں نے قُرعہ ڈال کر اِن باقی قَوموں کو تُم میں تقسِیم کِیا کہ یہ اُن سب قَوموں سمیت جِن کو مَیں نے کاٹ ڈالا یَردن سے لے کر مغرِب کی طرف بڑے سمُندر تک تُمہارے قبِیلوں کی مِیراث ٹھہریں۔

5 اور خُداوند تُمہارا خُدا ہی اُن کو تُمہارے سامنے سے نِکالے گا اور تُمہاری نظر سے اُن کو دُور کر دے گا اور تُم اُن کے مُلک پر قابِض ہو گے جَیسا خُداوند تُمہارے خُدا نے تُم سے کہا ہے۔

6 سو تُم خُوب ہِمّت باندھ کر جو کُچھ مُوسیٰ کی شرِیعت کی کِتاب میں لِکھا ہے اُس پر چلنا اور عمل کرنا تاکہ تُم اُس سے دہنے یا بائیں ہاتھ کو نہ مُڑو۔

7 اور اُن قَوموں میں جو تُمہارے درمِیان ہنوز باقی ہیں نہ جاؤ اور نہ اُن کے دیوتاؤں کے نام کا ذِکر کرو اور نہ اُن کی قَسم کِھلاؤ اور نہ اُن کی پرستِش کرو اور نہ اُن کو سِجدہ کرو۔

8 بلکہ خُداوند اپنے خُدا سے لِپٹے رہو جَیسا تُم نے آج تک کِیا ہے۔

9 کیونکہ خُداوند نے بڑی بڑی اور زورآور قَوموں کو تُمہارے سامنے سے دفع کِیا بلکہ تُمہارا یہ حال رہا کہ آج تک کوئی آدمی تُمہارے سامنے ٹھہر نہ سکا۔

10 تُمہارا ایک ایک مَرد ایک ایک ہزار کو رگیدے گا کیونکہ خُداوند تُمہارا خُدا ہی تُمہارے لِئے لڑتا ہے جَیسا اُس نے تُم سے کہا۔

11 پس تُم خُوب چَوکسی کرو کہ خُداوند اپنے خُدا سے مُحبّت رکھّو۔

12 ورنہ اگر تُم کِسی طرح برگشتہ ہو کر اِن قَوموں کے بقِیّہ سے یعنی اُن سے جو تُمہارے درمِیان باقی ہیں شِیر و شکر ہو جاؤ اور اُن کے ساتھ بیاہ شادی کرو اور اُن سے مِلو اور وہ تُم سے مِلیں۔

13 تو یقِین جانو کہ خُداوند تُمہارا خُدا پِھر اِن قَوموں کو تُمہارے سامنے سے دفع نہیں کرے گا بلکہ یہ تُمہارے لِئے جال اور پھندا اور تُمہارے پہلُوؤں کے لِئے کوڑے اور تُمہاری آنکھوں میں کانٹوں کی طرح ہوں گی ۔ یہاں تک کہ تُم اِس اچّھے مُلک سے جِسے خُداوند تُمہارے خُدا نے تُم کو دِیا ہے نابُود ہو جاؤ گے۔

14 اور دیکھو مَیں آج اُسی راستے جانے والا ہُوں جو سارے جہان کا ہے اور تُم خُوب جانتے ہو کہ اُن سب اچّھی باتوں میں سے جو خُداوند تُمہارے خُدا نے تُمہارے حق میں کہِیں ایک بات بھی نہ چُھوٹی ۔ سب تُمہارے حق میں پُوری ہُوئِیں اور ایک بھی اُن میں سے رہ نہ گئی۔

15 سو اَیسا ہو گا کہ جِس طرح وہ سب بھلائِیاں جِن کا خُداوند تُمہارے خُدا نے تُم سے ذِکر کِیا تھا تُمہارے آگے آئِیں اُسی طرح خُداوند سب بُرائِیاں تُم پر لائے گا جب تک کہ اِس اچّھے مُلک سے جو خُداوند تُمہارے خُدا نے تُم کو دِیا ہے وہ تُم کو نیست و نابُود نہ کر ڈالے۔

16 جب تُم خُداوند اپنے خُدا کے اُس عہد کو جِس کا حُکم اُس نے تُم کو دِیا توڑ ڈالو اور جا کر اَور معبُودوں کی پرستِش کرنے اور اُن کو سِجدہ کرنے لگو تو خُداوند کا قہر تُم پر بھڑکے گا اور تُم اِس اچّھے مُلک سے جو اُس نے تُم کو دِیا ہے جلد ہلاک ہو جاؤ گے۔

یشُوع 24

سِکم کے مقام پر یشُوع لوگوں سے خطاب کرتا ہے

1 اِس کے بعد یشُوع نے اِسرا ئیل کے سب قبِیلوں کو سِکم میں جمع کِیا اور اِسرا ئیل کے بزُرگوں اور سرداروں اور قاضِیوں اور منصبداروں کو بُلوایا اور وہ خُدا کے حضُور حاضِر ہُوئے۔

2 تب یشُوع نے اُن سب لوگوں سے کہا کہ خُداوند اِسرائیل کا خُدا یُوں فرماتا ہے کہ تُمہارے آبا یعنی ابرہام اور نحُور کا باپ تارح وغیرہ قدِیم زمانہ میں بڑے دریا کے پار رہتے اور دُوسرے معبُودوں کی پرستِش کرتے تھے۔

3 اور مَیں نے تُمہارے باپ ابرہام کو بڑے دریا کے پار سے لے کر کنعا ن کے سارے مُلک میں اُس کی رہبری کی اور اُس کی نسل کو بڑھایا اور اُسے اِضحاق عِنایت کِیا۔

4 اور مَیں نے اِضحا ق کو یعقُوب اور عیسو بخشے اور عیسو کو کوہِ شعِیر دِیا کہ وہ اُس کا مالِک ہو اور یعقُوب اپنی اَولاد سمیت مِصر میں گیا۔

5 اور مَیں نے مُوسیٰ اور ہارُو ن کو بھیجا اور مِصر پر جو جو مَیں نے اُس میں کِیا اُس کے مُطابِق میری مار پڑی اور اُس کے بعد مَیں تُم کو نِکال لایا۔

6 تُمہارے باپ دادا کو مَیں نے مِصر سے نِکالا اور تُم سمُندر پر آئے ۔ تب مِصرِیوں نے رتھوں اور سواروں کو لے کر بحرِ قُلز م تک تُمہارے باپ دادا کا پِیچھا کِیا۔

7 اور جب اُنہوں نے خُداوند سے فریاد کی تو اُس نے تُمہارے اور مِصریوں کے درمِیان اندھیرا کر دِیا اور سمُندر کو اُن پر چڑھا لایا اور اُن کو چُھپا دِیا اور تُم نے جو کُچھ مَیں نے مِصر میں کِیا اپنی آنکھوں سے دیکھا

اور تُم بُہت دِنوں تک بیابان میں رہے۔

8 پِھر مَیں تُم کو امورِیوں کے مُلک میں جو یَرد ن کے اُس پار رہتے تھے لے آیا ۔ وہ تُم سے لڑے اور مَیں نے اُن کو تُمہارے ہاتھ میں کر دِیا اور تُم نے اُن کے مُلک پر قبضہ کر لِیا اور مَیں نے اُن کو تُمہارے آگے سے ہلاک کِیا۔

9 پِھر صفور کا بیٹا بلق موآب کا بادشاہ اُٹھ کر اِسرائیلِیوں سے لڑا اور تُم پرلَعنت کرنے کو بعور کے بیٹے بلعا م کو بُلوا بھیجا۔

10 پر مَیں نے نہ چاہا کہ بلعا م کی سُنوں ۔ اِس لِئے وہ تُم کوبرکت ہی دیتا گیا ۔ سو مَیں نے تُم کو اُس کے ہاتھ سے چُھڑایا۔

11 پِھر تُم یَردن پار ہو کر یرِیحُو کو آئے اور یرِیحُو کے لوگ یعنی اموری اور فرزّی اور کنعانی اور حتّی اور جِرجاسی اور حوّی اور یبُوسی تُم سے لڑے اور مَیں نے اُن کو تُمہارے ہاتھ میں کر دِیا۔

12 اور مَیں نے تُمہارے آگے زنبُوروں کو بھیجا جِنہوں نے دونوں اموری بادشاہوں کو تُمہارے سامنے سے بھگا دِیا ۔ یہ نہ تُمہاری تلوار اور نہ تُمہاری کمان سے ہُؤا۔

13 اور مَیں نے تُم کو وہ مُلک جِس پر تُم نے مِحنت نہ کی اور وہ شہر جِن کو تُم نے بنایا نہ تھا عِنایت کِئے اور تُم اُن میں بسے ہو اور تُم اَیسے تاکِستانوں اور زَیتُون کے باغوں کا پَھل کھاتے ہو جِن کو تُم نے نہیں لگایا۔

14 پس اب تُم خُداوند کا خَوف رکھّو اور نیک نِیّتی اور صداقت سے اُس کی پرستِش کرو اور اُن دیوتاؤں کو دُور کر دو جِن کی پرستِش تُمہارے باپ دادا بڑے دریا کے پار اور مِصر میں کرتے تھے اور خُداوند کی پرستِش کرو۔

15 اور اگر خُداوند کی پرستِش تُم کو بُری معلُوم ہوتی ہو تو آج ہی تُم اُسے جِس کی پرستِش کرو گے چُن لو۔ خواہ وہ وُہی دیوتا ہوں جِن کی پرستِش تُمہارے باپ دادا بڑے دریا کے اُس پار کرتے تھے یا اموریوں کے دیوتا ہوں جِن کے مُلک میں تُم بسے ہو ۔ اب رہی میری اور میرے گھرانے کی بات سو ہم تو خُداوند کی پرستِش کریں گے۔

16 تب لوگوں نے جواب دِیا کہ خُدا نہ کرے کہ ہم خُداوند کو چھوڑ کر اَور معبُودوں کی پرستِش کریں۔

17 کیونکہ خُداوند ہمارا خُدا وُہی ہے جِس نے ہم کو اور ہمارے باپ دادا کو مُلکِ مِصر یعنی غُلامی کے گھر سے نِکالا اور وہ بڑے بڑے نِشان ہمارے سامنے دِکھائے اور سارے راستہ جِس میں ہم چلے اور اُن سب قَوموں کے درمِیان جِن میں سے ہم گُذرے ہم کو محفُوظ رکھّا۔

18 اور خُداوند نے سب قَوموں یعنی اموریوں کو جو اِس مُلک میں بستے تھے ہمارے سامنے سے نِکال دِیا ۔ سو ہم بھی خُداوند کی پرستِش کریں گے کیونکہ وہ ہمارا خُدا ہے۔

19 یشُوع نے لوگوں سے کہا تُم خُداوند کی پرستِش نہیں کر سکتے کیونکہ وہ پاک خُدا ہے ۔ وہ غیُور خُدا ہے ۔ وہ تُمہاری خطائیں اور تُمہارے گُناہ نہیں بخشے گا۔

20 اگر تُم خُداوند کو چھوڑ کر اجنبی معبُودوں کی پرستِش کرو تو اگرچہ وہ تُم سے نیکی کرتا رہا ہے تَو بھی وہ پِھر کر تُم سے بُرائی کرے گا اور تُم کو فنا کر ڈالے گا۔

21 لوگوں نے یشُوع سے کہا نہیں بلکہ ہم خُداوند ہی کی پرستِش کریں گے۔

22 یشُوع نے لوگوں سے کہا تُم آپ ہی اپنے گواہ ہو کہ تُم نے خُداوند کو چُنا ہے کہ اُس کی پرستِش کرو۔

اُنہوں نے کہا ہم گواہ ہیں۔

23 تب اُس نے کہا پس اب تُم اجنبی معبُودوں کو جو تُمہارے درمِیان ہیں دُور کر دو اور اپنے دِلوں کو خُداوند اِسرا ئیل کے خُدا کی طرف مائِل کرو۔

24 لوگوں نے یشُوع سے کہا ہم خُداوند اپنے خُدا کی پرستِش کریں گے اور اُسی کی بات مانیں گے۔

25 سو یشُوع نے اُسی روز لوگوں کے ساتھ عہد باندھا اور اُن کے لِئے سِکم میں آئِین اور قانُون ٹھہرایا۔

26 اور یشُوع نے یہ باتیں خُدا کی شرِیعت کی کِتاب میں لِکھ دِیں اور ایک بڑا پتّھر لے کر اُسے وہِیں اُس بلُوط کے درخت کے نِیچے جو خُداوند کے مَقدِس کے پاس تھا نصب کِیا۔

27 اور یشُوع نے سب لوگوں سے کہا کہ دیکھو یہ پتّھر ہمارا گواہ رہے کیونکہ اُس نے خُداوند کی سب باتیں جو اُس نے ہم سے کہِیں سُنی ہیں اِس لِئے یِہی تُم پر گواہ رہے تا نہ ہوکہ تُم اپنے خُدا کا اِنکار کر جاؤ۔

28 پِھر یشُوع نے لوگوں کو اُن کی اپنی اپنی مِیراث کی طرف رُخصت کر دِیا۔

یشُوع اور الِیعزر کی وفات

29 اور اِن باتوں کے بعد یُوں ہُؤا کہ نُون کا بیٹا یشُوع خُداوند کا بندہ ایک سَو دس برس کا ہو کر رِحلت کر گیا۔

30 اور اُنہوں نے اُسی کی مِیراث کی حد پر تِمنت سر ح میں جو افرائِیم کے کوہستانی مُلک میں کوہِ جعس کے شِمال کی طرف کو ہے اُسے دفن کِیا۔

31 اور اِسرائیلی خُداوند کی پرستِش یشُو ع کے جِیتے جی اور اُن بزُرگوں کے جِیتے جی کرتے رہے جو یشُو ع کے بعد زِندہ رہے اور خُداوند کے سب کاموں سے جو اُس نے اِسرائیلِیوں کے لِئے کِئے واقِف تھے۔

32 اور اُنہوں نے یُوسف کی ہڈِّیوں کو جِن کو بنی اِسرائیل مِصر سے لے آئے تھے سِکم میں اُس زمِین کے قطع میں دفن کِیا جِسے یعقُوب نے سِکم کے باپ حمور کے بیٹوں سے چاندی کے سَو سِکّوں میں خرِیدا تھا اور وہ زمِین بنی یُوسف کی مِیراث ٹھہری۔

33 اور ہارُو ن کے بیٹے الِیعزر نے رِحلت کی اور اُنہوں نے اُسے اُس کے بیٹے فِینحاس کی پہاڑی پر دفن کِیا جو افرائِیم کے کوہِستانی مُلک میں اُسے دی گئی تھی۔

اِستِثنا 1

مُوسیٰ کا پہلا خطاب

1 یہ وُہی باتیں ہیں جو مُوسیٰ نے یَردِن کے اُس پار بیابان میں یعنی اُس مَیدان میں جو سُوف کے مُقابِل اور فاران اور طوفل اور لابن اور حصِیرات اور دِیذہب کے درمِیان ہے سب اِسرائیلِیوں سے کہِیں۔

2 کوہِ شعیر کی راہ سے حورِب سے قادِس بَرنِیعَ تک گیارہ دِن کی منزِل ہے۔

3 اور چالِیسویں برس کے گیارھویں مہِینے کی پہلی تارِیخ کو مُوسیٰ نے اُن سب احکام کے مُطابِق جو خُداوند نے اُسے بنی اِسرائیل کے لِئے دِئے تھے اُن سے یہ باتیں کہِیں۔

4 یعنی جب اُس نے امورِیوں کے بادشاہ سِیحو ن کو جو حسبون میں رہتا تھا مارا اور بسن کے بادشاہ عوج کو جو عِستارات میں رہتا تھا ادر عی میں قتل کِیا۔

5 تو اِس کے بعد یَردن کے پار موآب کے مَیدان میں مُوسیٰ اِس شرِیعت کو یُوں بیان کرنے لگا کہ۔

حورِب پر خُدا کا حُکم

6 خُداوند ہمارے خُدا نے حورِب میں ہم سے یہ کہا تھا کہ تُم اِس پہاڑ پر بُہت رہ چُکے ہو۔

7 سو اب پِھرو اور کُوچ کرو اور امورِیوں کے کوہِستانی مُلک اور اُس کے آس پاس کے مَیدان اور پہاڑی قطعہ اور نشیب کی زمِین اور جنُوبی اطراف میں اور سمُندر کے ساحِل تک جو کنعانیوں کا مُلک ہے بلکہ کوہِ لُبنان اور دریایِ فرات تک جو ایک بڑا دریا ہے چلے جاؤ۔

8 دیکھو مَیں نے اِس مُلک کو تُمہارے سامنے کر دِیا ہے ۔ پس جاؤ اور اُس مُلک کو اپنے قبضہ میں کر لو جِس کی بابت خُداوند نے تُمہارے باپ دادا ابرہام اور اِضحا ق اور یعقُوب سے قَسم کھا کر یہ کہا تھا کہ وہ اُسے اُن کو اور اُن کے بعد اُن کی نسل کو دے گا۔ مُوسیٰ قاضی مُقرّر کرتا ہے

9 اُس وقت مَیں نے تُم سے کہا تھا کہ مَیں اکیلا تُمہارا بوجھ نہیں اُٹھا سکتا۔

10 خُداوند تُمہارے خُدا نے تُم کو بڑھایا ہے اور آج کے دِن آسمان کے تاروں کی مانِند تُمہاری کثرت ہے۔

11 خُداوند تُمہارے باپ دادا کا خُدا تُم کو اِس سے بھی ہزار چند بڑھائے اور جو وعدہ اُس نے تُم سے کِیا ہے اُس کے مُطابِق تُم کو برکت بخشے۔

12 مَیں اکیلا تُمہارے جنجال اور بوجھ اور جھنجٹ کا کَیسے مُتحمِّل ہو سکتا ہُوں؟۔

13 سو تُم اپنے اپنے قبِیلہ سے اَیسے آدمِیوں کو چُنو جو دانِشور اور عقل مند اور مشہُور ہوں اور مَیں اُن کو تُم پر سردار بنا دُوں گا۔

14 اِس کے جواب میں تُم نے مُجھ سے کہا تھا کہ جو کُچھ تُو نے فرمایا ہے اُس کا کرنا بِہتر ہے۔

15 سو مَیں نے تُمہارے قبِیلوں کے سرداروں کو جو دانِشور اور مشہُور تھے لے کر اُن کو تُم پر مُقرّر کِیا تاکہ وہ تُمہارے قبِیلوں کے مُطابِق ہزاروں کے سردار اور سَیکڑوں کے سردار اور پچاس پچاس کے سردار اور دَس دَس کے سردار حاکِم ہوں۔

16 اور اُسی موقع پر مَیں نے تُمہارے قاضیوں سے تاکِیداً یہ کہا کہ تُم اپنے بھائِیوں کے مُقدّموں کو سُننا پر خواہ بھائی بھائی کا مُعاملہ ہو یا پردیسی کا تُم اُن کا فَیصلہ اِنصاف کے ساتھ کرنا۔

17 تُمہارے فَیصلہ میں کِسی کی رُو رِعایت نہ ہو ۔ جَیسے بڑے آدمی کی بات سُنو گے وَیسے ہی چھوٹے کی سُننا اور کِسی آدمی کا مُنہ دیکھ کر ڈر نہ جانا کیونکہ یہ عدالت خُدا کی ہے اور جو مُقدّمہ تُمہارے لِئے مُشکِل ہو اُسے میرے پاس لے آنا ۔ مَیں اُسے سُنوں گا۔

18 اور مَیں نے اُسی وقت سب کُچھ جو تُم کو کرنا ہے بتا دِیا۔ قادِس برنِیع سے جاسُوس بھیجے جاتے ہیں

19 اور ہم خُداوند اپنے خُدا کے حُکم کے مُطابِق حورب سے کُوچ کر کے اُس بڑے اور ہَولناک بیابان میں سے ہو کر گُذرے جِسے تُم نے امورِیوں کے کوہِستانی مُلک کے راستہ میں دیکھا ۔ پِھر ہم قادِ س بَرنِیعَ میں پُہنچے۔

20 وہاں مَیں نے تُم کو کہا کہ تُم امورِیوں کے کوہِستانی مُلک تک آ گئے ہو جِسے خُداوند ہمارا خُدا ہم کو دیتا ہے۔

21 دیکھ اُس مُلک کو خُداوند تیرے خُدا نے تیرے سامنے کر دِیا ہے ۔ سو تُوجا اور جَیسا خُداوند تیرے باپ دادا کے خُدا نے تُجھ سے کہا ہے تُو اُس پر قبضہ کر اور نہ خَوف کھا نہ ہراسان ہو۔

22 تب تُم سب میرے پاس آکر مُجھ سے کہنے لگے کہ ہم اپنے جانے سے پہلے وہاں آدمی بھیجیں جو جا کر ہماری خاطِر اُس مُلک کا حال دریافت کریں اور آ کر ہم کو بتائیں کہ ہم کو کِس راہ سے وہاں جانا ہو گا اور کَون کَون سے شہر ہمارے راستہ میں پڑیں گے۔

23 یہ بات مُجھے بُہت پسند آئی ۔ چُنانچہ مَیں نے قبِیلہ پِیچھے ایک ایک آدمی کے حِساب سے بارہ آدمی چُنے۔

24 اور وہ روانہ ہُوئے اور پہاڑ پر چڑھ گئے اور وادیِ اِسکال میں پُہنچ کر اُس مُلک کا حال دریافت کِیا۔

25 اور اُس مُلک کا کُچھ پَھل ہاتھ میں لے کر اُسے ہمارے پاس لائے اور ہم کو یہ خبر دی کہ جو مُلک خُداوند ہمارا خُدا ہم کو دیتا ہے وہ اچھّا ہے۔

26 تَو بھی تُم وہاں جانے پر راضی نہ ہُوئے بلکہ تُم نے خُداوند اپنے خُدا کے حُکم سے سرکشی کی۔

27 اور اپنے خَیموں میں کُڑکُڑانے اور کہنے لگے کہ خُداوند کو ہم سے نفرت ہے اِسی لِئے وہ ہم کو مُلکِ مِصر سے نِکال لایا تاکہ وہ ہم کو امورِیوں کے ہاتھ میں گرِفتار کرا دے اور وہ ہم کو ہلاک کر ڈالیں۔

28 ہم کِدھر جا رہے ہیں؟ ہمارے بھائِیوں نے تو یہ بتا کر ہمارا حَوصلہ توڑ دِیا ہے کہ وہاں کے لوگ ہم سے بڑے بڑے اور لمبے ہیں اور اُن کے شہر بڑے بڑے اور اُن کی فصِیلیں آسمان سے باتیں کرتی ہیں ۔ ماسِوا اِس کے ہم نے وہاں عناقِیم کی اَولاد کو بھی دیکھا۔

29 تب مَیں نے تُم کو کہا کہ خَوفزدہ مت ہو اور نہ اُن سے ڈرو۔

30 خُداوند تُمہارا خُدا جو تُمہارے آگے آگے چلتا ہے وُہی تُمہاری طرف سے جنگ کرے گا جَیسے اُس نے تُمہاری خاطِر مِصر میں تُمہاری آنکھوں کے سامنے سب کُچھ کِیا۔

31 اور بیابان میں بھی تُو نے یِہی دیکھا کہ جِس طرح اِنسان اپنے بیٹے کو اُٹھائے ہُوئے چلتا ہے اُسی طرح خُداوند تیرا خُدا تیرے اِس جگہ پُہنچنے تک سارے راستے جہاں جہاں تُم گئے تُم کو اُٹھائے رہا۔

32 تَو بھی اِس بات میں تُم نے خُداوند اپنے خُدا کا یقِین نہ کِیا۔

33 جو راہ میں تُم سے آگے آگے تُمہارے واسطے ڈیرے ڈالنے کی جگہ تلاش کرنے کے لِئے رات کو آگ میں اور دِن کو ابر میں ہو کر چلا تاکہ تُم کو وہ راستہ دِکھائے جِس سے تُم چلو۔

خُداوند اِسرائیلِیوں کوسزا دیتاہے

34 اور خُداوند تُمہاری باتیں سُن کر غضبناک ہُؤا اور اُس نے قَسم کھا کر کہا کہ۔

35 اِس بُری پُشت کے لوگوں میں سے ایک بھی اُس اچھّے مُلک کو دیکھنے نہیں پائے گا جِسے اُن کے باپ دادا کو دینے کی قَسم مَیں نے کھائی ہے۔

36 سِوا یفُنّہ کے بیٹے کالِب کے ۔ وہ اُسے دیکھے گا اور جِس زمِین پر اُس نے قدم مارا ہے اُسے مَیں اُس کو اور اُس کی نسل کو دُوں گا اِس لِئے کہ اُس نے خُداوند کی پَیروی پُورے طَور پر کی۔

37 اور تُمہارے ہی سبب سے خُداوند مُجھ پر بھی غُصّہ ہُؤا اور یہ کہا کہ تُو بھی وہاں جانے نہ پائے گا۔

38 نُون کا بیٹا یشُوع جو تیرے سامنے کھڑا رہتا ہے وہاں جائے گا ۔ سو تُو اُس کی حَوصلہ افزائی کر کیونکہ وُہی بنی اِسرائیل کو اُس مُلک کا مالِک بنائے گا۔

39 اور تُمہارے بال بچّے جِن کے بارے میں تُم نے کہا تھا کہ لُوٹ میں جائیں گے اور تُمہارے لڑکے بالے جِن کو آج بھلے اور بُرے کی بھی تمِیز نہیں ۔ یہ وہاں جائیں گے اور یہ مُلک مَیں اِن ہی کو دُوں گا اور یہ اُس پر قبضہ کریں گے۔

40 پر تُمہارے لِئے یہ ہے کہ تُم لَوٹو اور بحرِ قلزم کی راہ سے بیابان میں جاؤ۔

41 تب تُم نے مُجھے جواب دِیا کہ ہم نے خُداوند کا گُناہ کِیا ہے اور اب جو کُچھ خُداوند ہمارے خُدا نے ہم کو حُکم دِیا ہے اُس کے مُطابِق ہم جائیں گے اور جنگ کریں گے ۔ سو تُم سب اپنے اپنے جنگی ہتھیار باندھ کر پہاڑ پر چڑھ جانے کو آمادہ ہو گئے۔

42 تب خُداوند نے مُجھ سے کہا کہ اُن سے کہہ دے کہ اُوپر مت چڑھو اور نہ جنگ کرو کیونکہ مَیں تُمہارے درمیان نہیں ہُوں تا اَیسا نہ ہو کہ تُم اپنے دُشمنوں سے شِکست کھاؤ۔

43 اور مَیں نے تُم سے کہہ بھی دِیا پر تُم نے میری نہ سُنی بلکہ تُم نے خُداوند کے حُکم سے سرکشی کی اور شوخی سے پہاڑ پر چڑھ گئے۔

44 تب اموری جو اُس پہاڑ پر رہتے تھے تُمہارے مُقابلہ کو نِکلے اور اُنہوں نے شہد کی مکھِّیوں کی مانِند تُمہارا پِیچھا کِیا اور شعِیر میں مارتے مارتے تُم کو حُرمہ تک پُہنچا دِیا۔

45 تب تُم لَوٹ کر خُداوند کے آگے رونے لگے پر خُداوند نے تُمہاری فریاد نہ سُنی اور نہ تُمہاری باتوں پر کان لگایا۔

بیابان میں گُزرنے والے سال

46 سو تُم قادِ س میں بُہت دِنوں تک پڑے رہے ۲ یہاں تک کہ ایک مُدّت ہو گئی۔

اِستِثنا 2

1 اور جَیسا خُداوند نے مُجھے حُکم دِیا تھا اُس کے مُطابِق ہم لَوٹے اور بحرِ قُلز م کی راہ سے بیابان میں آئے اور بُہت دِنوں تک کوہِ شعِیر کے باہر باہر چلتے رہے۔

2 تب خُداوند نے مُجھ سے کہا کہ۔

3 تُم اِس پہاڑ کے باہر باہر بُہت چل چُکے ۔ شِمال کی طرف مُڑ جاؤ۔

4 اور تُو اِن لوگوں کو تاکِید کر دے کہ تُم کو بنی عیسَو تُمہارے بھائی جو شعِیر میں رہتے ہیں اُن کی سرحد کے پاس سے ہو کر جانا ہے اور وہ تُم سے ہِراسان ہوں گے سو تُم خُوب اِحتیاط رکھنا۔

5 اور اُن کو مت چھیڑنا کیونکہ مَیں اُن کی زمِین میں سے پاؤں دھرنے تک کی جگہ بھی تُم کو نہیں دُوں گا ۔ اِس لِئے کہ مَیں نے کوہِ شعِیر عیسَو کو میِراث میں دِیا ہے۔

6 تُم رُوپَے دے کر اپنے کھانے کے لِئے اُن سے خُورِش خرِیدنا اور پِینے کے لِئے پانی بھی رُوپَے دے کر اُن سے مول لینا۔

7 کیونکہ خُداوند تیرا خُدا تیرے ہاتھ کی کمائی میں برکت دیتا رہا ہے اور اِس بڑے بیابان میں جو تیرا چلنا پِھرنا ہے وہ اُسے جانتا ہے ۔ اِن چالِیس برسوں میں خُداوند تیرا خُدا برابر تیرے ساتھ رہا اور تُجھ کو کِسی چِیز کی کمی نہیں ہُوئی۔

8 سو ہم اپنے بھائِیوں بنی عیسَو کے پاس سے جو شعِیر میں رہتے ہیں کترا کر مَیدان کی راہ سے ایلات اور عصیون جابر ہوتے ہُوئے گُذرے۔پِھر ہم مُڑے اور موآب کے بیابان کے راستہ سے چلے۔

9 پِھر خُداوند نے مُجھ سے کہا کہ موآبِیوں کو نہ تو ستانا اور نہ اُن سے جنگ کرنا اِس لِئے کہ مَیں تُجھ کو اُن کی زمِین کا کوئی حِصّہ مِلکِیّت کے طَور پر نہیں دُوں گا کیونکہ مَیں نے عار کو بنی لُوط کی میِراث کر دِیا ہے۔

10 (وہاں پہلے اَیمِیم بسے ہُوئے تھے جو عناقِیم کی مانِند بڑے بڑے اور لمبے لمبے اور شُمار میں بُہت تھے۔

11 اور عناقِیم ہی کی طرح وہ بھی رفائِیم میں گِنے جاتے تھے لیکن موآبی اُن کو اَیمِیم کہتے ہیں۔

12 اور پہلے شعِیر میں حوری قَوم کے لوگ بسے ہُوئے تھے لیکن بنی عیسَونے اُن کو نِکال دِیا اور اُن کو اپنے سامنے سے نیست و نابُود کر کے آپ اُن کی جگہ بس گئے جَیسے اِسرا ئیل نے اپنی مِیراث کے مُلک میں کِیا جِسے خُداوند نے اُن کو دِیا)۔

13 اب اُٹھو اور وادیِ زرد کے پار جاؤ ۔ چُنانچہ ہم وادیِ زرد سے پار ہُوئے۔

14 اور ہمارے قادِ س برنِیع سے روانہ ہونے سے لے کر وادیِ زرد کے پار ہونے تک اڑتِیس برس کا عرصہ گُذرا ۔ اِس اثنا میں خُداوند کی قَسم کے مُطابِق اُس پُشت کے سب جنگی مَرد لشکر میں سے مَر کھپ گئے۔

15 اور جب تک وہ نابُود نہ ہو گئے تب تک خُداوند کا ہاتھ اُن کو لشکر میں سے ہلاک کرنے کو اُن کے خِلاف بڑھا ہی رہا۔

16 جب سب جنگی مَرد مَر گئے اور قَوم میں سے فنا ہو گئے۔

17 تو خُداوند نے مُجھ سے کہا۔

18 آج تُجھے عار شہر سے ہو کر جو موآب کی سرحد ہے گُذرنا ہے۔

19 اور جب تُو بنی عَمُّون کے قرِیب جا پُہنچے تو اُن کو مت ستانا اور نہ اُن کو چھیڑنا کیونکہ مَیں بنی عَمُّون کی زمِین کا کوئی حِصّہ تُجھے مِیراث کے طَور پر نہیں دُوں گا اِس لِئے کہ اُسے مَیں نے بنی لُوط کو مِیراث میں دِیا ہے۔

20 (وہ مُلک بھی رفائِیم کا گِنا جاتا تھا کیونکہ پہلے رفائِیم جِن کو عَمُّونی لوگ زمزُمِیم کہتے تھے وہاں بسے ہُوئے تھے۔

21 یہ لوگ بھی عناقِیم کی طرح بڑے بڑے اور لمبے لمبے اور شُمار میں بُہت تھے لیکن خُداوند نے اُن کو عَمُّونیوں کے سامنے سے ہلاک کِیا اور وہ اُن کو نِکال کر اُن کی جگہ آپ بس گئے۔

22 ٹِھیک وَیسے ہی جَیسے اُس نے بنی عیسَو کے سامنے سے جو شعِیر میں رہتے تھے حورِیوں کو ہلاک کِیا اور وہ اُن کو نِکال کر آج تک اُن ہی کی جگہ بسے ہُوئے ہیں۔

23 اَیسے ہی عوِّیوں کو جو اپنی بستیوں میں غَزّہ تک بسے ہُوئے تھے کَفتورِیوں نے جو کَفتورہ سے نِکلے تھے ہلاک کِیا اور اُن کی جگہ آپ بس گئے)۔

24 سو اُٹھو اور وادیِ اَرنون کے پار جاؤ ۔ دیکھو مَیں نے حسبو ن کے بادشاہ سِیحو ن کو جو اموری ہے اُس کے مُلک سمیت تُمہارے ہاتھ میں کر دِیا ہے ۔ سو اُس پر قبضہ کرنا شرُوع کرو اور اُس سے جنگ چھیڑ دو۔

25 مَیں آج ہی سے تیرا خَوف اور رُعب اُن قَوموں کے دِل میں ڈالنا شرُوع کرُوں گا جو رُویِ زمِین پر رہتی ہیں ۔ وہ تیری خبر سُنیں گی اور کانپیں گی اور تیرے سبب سے بیتاب ہو جائیں گی۔

اِ سرائیلی سِیحون بادشاہ کو شکست دیتے ہیں

26 اور مَیں نے دشتِ قدیما ت سے حسبون کے بادشاہ سِیحو ن کے پاس صُلح کے پَیغام کے ساتھ ایلچی روانہ کِئے اور کہلا بھیجا کہ۔

27 مُجھے اپنے مُلک سے گُذر جانے دے ۔ مَیں شاہراہ سے ہو کر چلُوں گا اور دہنے اور بائیں ہاتھ نہیں مُڑُوں گا۔

28 تُو رُوپَے لے کر میرے ہاتھ میرے کھانے کے لِئے خُورِش بیچنا اور میرے پِینے کے لِئے پانی بھی مُجھے رُوپَے لے کر دینا ۔ فقط مُجھے پاؤں پاؤں نِکل جانے دے۔

29 جَیسے بنی عیسَو نے جو شعِیر میں رہتے ہیں اور موآبیوں نے جو عار شہر میں بستے ہیں میرے ساتھ کِیا ۔ جب تک کہ مَیں یَردن کو عبُور کر کے اُس مُلک میں پُہنچ نہ جاؤں جو خُداوند ہمارا خُدا ہم کو دیتا ہے۔

30 لیکن حسبو ن کے بادشاہ سِیحو ن نے ہم کو اپنے ہاں سے گُذرنے نہ دِیا کیونکہ خُداوند تیرے خُدا نے اُس کا مِزاج کڑا اور اُس کا دِل سخت کر دِیا تاکہ اُسے تیرے ہاتھ میں حوالہ کر دے جَیسا آج ظاہِر ہے۔

31 اور خُداوند نے مُجھ سے کہا دیکھ مَیں سِیحو ن اور اُس کے مُلک کو تیرے ہاتھ میں حوالہ کرنے کو ہُوں سو تُواُس پر قبضہ کرنا شرُوع کر تاکہ وہ تیری مِیراث ٹھہرے۔

32 تب سِیحو ن اپنے سب آدمِیوں کو لے کر ہمارے مُقابلہ میں نِکلا اور جنگ کرنے کے لِئے یَہض میں آیا۔

33 اور خُداوند ہمارے خُدا نے اُسے ہمارے حوالہ کر دِیااور ہم نے اُسے اور اُس کے بیٹوں کو اور اُس کے سب آدمِیوں کو مار لِیا۔

34 اور ہم نے اُسی وقت اُس کے سب شہروں کو لے لِیا اورہر آباد شہر کو عَورتوں اور بچّوں سمیت بِالکُل نابُودکر دِیا اور کِسی کو باقی نہ چھوڑا۔

35 لیکن چَوپایوں کو اور شہروں کے مال کو جو ہمارے ہاتھ لگا لُوٹ کر ہم نے اپنے لِئے رکھ لِیا۔

36 اور عَروعیر سے جو وادیِ اَرنون کے کنارے ہے اوراُس شہر سے جو وادی میں ہے جِلعاد تک اَیسا کوئی شہرنہ تھا جِس کو سر کرنا ہمارے لِئے مُشکِل ہُؤا۔خُداوندہمارے خُدا نے سب کو ہمارے قبضہ میں کر دِیا۔

37 لیکن بنی عَمُّون کے مُلک کے نزدِیک اور دریایِ یبوق کی نواحی اور کوہِستان کے شہروں میں اور جہاں جہاں خُداوندہمارے خُدا نے ہم کو منع کِیا تھا تُو نہیں گیا۔

اِستِثنا 3

اِسرائیلی عوج بادشاہ کو فتح کرتے ہیں

1 پِھر ہم نے مُڑ کر بسن کا راستہ لِیا اور بسن کا بادشاہ عوج ادر عی میں اپنے سب آدمِیوں کو لے کر ہمارے مُقابلہ میں جنگ کرنے کو آیا۔

2 اور خُداوند نے مُجھ سے کہا اُس سے مت ڈر کیونکہ مَیں نے اُس کو اور اُس کے سب آدمِیوں اور مُلک کو تیرے قبضہ میں کر دِیا ہے ۔ جَیسا تُو نے امورِیوں کے بادشاہ سِیحو ن سے جو حسبو ن میں رہتا تھا کِیا وَیسا ہی تُو اِس سے بھی کرے گا۔

3 چُنانچہ خُداوند ہمارے خُدا نے بسن کے بادشاہ عوج کو بھی اُس کے سب آدمِیوں سمیت ہمارے قابُو میں کر دِیا اور ہم نے اُن کو یہاں تک مارا کہ اُن میں سے کوئی باقی نہ رہا۔

4 اور ہم نے اُسی وقت اُس کے سب شہر لے لِئے اور ایک شہر بھی اَیسا نہ رہا جو ہم نے اُن سے لے نہ لِیا ہو ۔ یُوں اَرجُوب کا سارا مُلک جو بسن میں عوج کی سلطنت میں شامِل تھا اور اُس میں ساٹھ شہر تھے ہمارے قبضہ میں آیا۔

5 یہ سب شہر فصِیل دار تھے اور اِن کی اُونچی اُونچی دِیواریں اور پھاٹک اور بینڈے تھے ۔ اِن کے علاوہ بُہت سے اَیسے قصبے بھی ہم نے لے لِئے جو فصِیل دار نہ تھے۔

6 اور جَیسا ہم نے حسبون کے بادشاہ سِیحو ن کے ہاں کِیا وَیسا ہی اِن سب آباد شہروں کو مع عَورتوں اور بچّوں کے بِالکُل نابُود کر ڈالا۔

7 لیکن سب چَوپایوں اور شہروں کے مال کو لُوٹ کر ہم نے اپنے لِئے رکھ لِیا۔

8 یُوں ہم نے اُس وقت امورِیوں کے دونوں بادشاہوں کے ہاتھ سے جو یَردن پار رہتے تھے اُن کا مُلک وادیِ ارنون سے کوہِ حرمُو ن تک لے لِیا۔

9 (اِس حرمُون کو صَیدانی سِریُون اور اموری سنِیر کہتے ہیں)۔

10 اور سلکہ اور ادر عی تک مَیدان کے سب شہر اور سارا جِلعاد اور سارا بسن یعنی عوج کی سلطنت کے سب شہر جو بسن میں شامِل تھے ہم نے لے لِئے۔

11 (کیونکہ رفائِیم کی نسل میں سے فقط بسن کا بادشاہ عوج باقی رہا تھا ۔ اُس کا پلنگ لوہے کا بنا ہُؤا تھا اور وہ بنی عَمُّون کے شہر رَبّہ میں مَوجُود ہے اور آدمی کے ہاتھ کے ناپ کے مُطابِق نَو ہاتھ لمبا اور چار ہاتھ چَوڑا ہے)۔

وہ قبِیلے جو یَردن کے مشرِق میں آباد ہُوئے

12 سو اِس مُلک پر ہم نے اُس وقت قبضہ کر لِیا اور عَروعیر جو وادیِ ارنون کے کنارے ہے اور جِلعاد کے کوہِستانی مُلک کا آدھا حِصّہ اور اُس کے شہر مَیں نے رُوبِینِیوں اور جدّیوں کو دِئے۔

13 اور جِلعاد کا باقی حِصّہ اور سارا بسن یعنی اَرجُوب کا سارا مُلک جو عوج کی قلمرو میں تھا مَیں نے منسّی کے آدھے قبِیلہ کو دِیا

(بسن رفائِیم کا مُلک کہلاتا تھا۔

14 اور منسّی کے بیٹے یائِیر نے جسُورِیوں اورمَعَکاتِیوں کی سرحدتک اَرجُوب کے سارے مُلک کو لے لِیا اور اپنے نام پر بسن کے شہروں کو حوّوت یائِیر کا نام دِیا جو آج تک چلا آتا ہے)۔

15 اور جِلعاد مَیں نے مکِیر کو دِیا۔

16 اور رُوبِینِیوں اور جدّیوں کو مَیں نے جِلعاد سے وادیِ ارنون تک کا مُلک یعنی اُس وادی کے بیچ کے حِصّہ کو اُن کی ایک حد ّٹھہرا کر دریایِ یبوق تک جو عَمُّونیوں کی سرحدہے اُن کو دِیا۔

17 اور مَیدان کو اور کِنّرت سے لے کر مَیدان کے دریا یعنی دریایِ شور تک جو مشرِق میں پِسگہ کے ڈھال تک پَھیلا ہُؤا ہے اور یَردن اور اُس کی ساری نواحی کو بھی مَیں نے اِن ہی کو دے دِیا۔

18 اور مَیں نے اُس وقت تُم کو حُکم دِیا کہ خُداوند تُمہارے خُدا نے تُم کو یہ مُلک دِیا ہے کہ تُم اُس پر قبضہ کرو ۔ سو تُم سب جنگی مَرد مُسلّح ہو کر اپنے بھائِیوں بنی اِسرائیل کے آگے آگے پار چلو۔

19 مگر تُمہاری بِیویاں اور تُمہارے بال بچّے اور چَوپائے (کیونکہ مُجھے معلُوم ہے کہ تُمہارے پاس چَوپائے بُہت ہیں) سو یہ سب تُمہارے اُن ہی شہروں میں رہ جائیں جو مَیں نے تُم کو دِئے ہیں۔

20 تاوقتیکہ خُداوند تُمہارے بھائِیوں کو چَین نہ بخشے جَیسے تُم کو بخشا اور وہ بھی اُس مُلک پر جو خُداوند تُمہارا خُدا یَردن کے اُس پار تُم کو دیتا ہے قبضہ نہ کر لیں ۔ تب تُم سب اپنی مِلکِیّت میں جو مَیں نے تُم کو دی ہے لَوٹ کر آنے پاؤ گے۔

21 اور اُسی مَوقع پر مَیں نے یشُوع کو حُکم دِیا کہ جو کُچھ خُداوند تُمہارے خُدا نے اِن دو بادشاہوں سے کِیا وہ سب تُو نے اپنی آنکھوں سے دیکھا ۔ خُداوند اَیسا ہی اُس پار اُن سب سلطنتوں کا حال کرے گا جہاں تُو جا رہا ہے۔

22 تُم اُن سے نہ ڈرنا کیونکہ خُداوند تُمہارا خُدا تُمہاری طرف سے آپ جنگ کر رہا ہے۔

مُوسیٰ کو کنعان میں داخِل ہونے کی اِجازت نہیں مِلتی

23 اُس وقت مَیں نے خُداوند سے عاجِزی کے ساتھ درخواست کی کہ۔

24 اَے خُداوند خُدا تُو نے اپنے بندہ کو اپنی عظمت اوراپنا زورآور ہاتھ دِکھانا شرُوع کِیا ہے کیونکہ آسمان میں یا زمِین پر اَیسا کَون معبُود ہے جو تیرے سے کام یا کرامات کر سکے۔

25 سو مَیں تیری مِنّت کرتا ہُوں کہ مُجھے پار جانے دے کہ مَیں بھی اُس اچھّے مُلک کو جو یَردن کے پار ہے اور اُس خُوشنُما پہاڑ اور لُبنان کو دیکُھوں۔

26 لیکن خُداوند تُمہارے سبب سے مُجھ سے ناراض تھا اور اُس نے میری نہ سُنی بلکہ خُداوند نے مُجھ سے کہا کہ بس کر ۔ اِس مضمُون پر مُجھ سے پِھر کبھی کُچھ نہ کہنا۔

27 تُو کوہِ پِسگہ کی چوٹی پر چڑھ جا اور مغرِب اور شِمال اور جنُوب اور مشرِق کی طرف نظر دَوڑا کر اُسے اپنی آنکھوں سے دیکھ لے کیونکہ تُو اِس یَردن کے پار نہیں جانے پائے گا۔

28 پر یشُو ع کو وصِیّت کر اور اُس کی حَوصلہ افزائی کر کے اُسے مضبُوط کر کیونکہ وہ اِن لوگوں کے آگے پار جائے گا اور وُہی اِن کو اُس مُلک کا جِسے تُو دیکھ لے گامالِک بنائے گا۔

29 چُنانچہ ہم اُس وادی میں جو بَیت فغُور ہے ٹھہرے رہے۔

اِستِثنا 4

مُوسیٰ اِسرائیلِیوں کو فرمانبردار رہنے کی تلقِین کرتا ہے

1 اور اب اَے اِسرائیلیو! جو آئِین اور احکام مَیں تُم کو سِکھاتا ہُوں تُم اُن پر عمل کرنے کے لِئے اُن کو سُن لو تاکہ تُم زِندہ رہو اور اُس مُلک میں جِسے خُداوند تُمہارے باپ دادا کا خُدا تُم کو دیتا ہے داخِل ہو کر اُس پر قبضہ کر لو۔

2 جِس بات کا مَیں تُم کو حُکم دیتا ہُوں اُس میں نہ تو کُچھ بڑھانا اور نہ کُچھ گھٹانا تاکہ تُم خُداوند اپنے خُدا کے احکام کو جو مَیں تُم کو بتاتا ہُوں مان سکو۔

3 جو کُچھ خُداوند نے بَعل فغُور کے سبب سے کِیا وہ تُم نے اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے کیونکہ اُن سب آدمِیوں کو جِنہوں نے بَعل فغُور کی پَیروی کی خُداوند تیرے خُدا نے تیرے بیچ سے نابُود کر دِیا۔

4 پر تُم جو خُداوند اپنے خُدا سے لِپٹے رہے ہو سب کے سب آج تک زِندہ ہو۔

5 دیکھو! جَیسا خُداوند میرے خُدا نے مُجھے حُکم دِیا اُس کے مُطابِق مَیں نے تُم کو آئِین اور احکام سِکھا دِئے ہیں تاکہ اُس مُلک میں اُن پر عمل کرو جِس پر قبضہ کرنے کے لِئے جا رہے ہو۔

6 سو تُم اِن کو ماننا اور عمل میں لانا کیونکہ اَور قَوموں کے سامنے یِہی تُمہاری عقل اور دانِش ٹھہریں گے ۔ وہ اِن تمام آئِین کو سُن کر کہیں گی کہ یقِیناً یہ بزُرگ قَوم نِہایت عقل مند اور دانِشور ہے۔

7 کیونکہ اَیسی بڑی قَوم کَون ہے جِس کا معبُود اِس قدر اُس کے نزدِیک ہو جَیسا خُداوند ہمارا خُدا کہ جب کبھی ہم اُس سے دُعا کریں ہمارے نزدِیک ہے۔

8 اور کَون اَیسی بزُرگ قَوم ہے جِس کے آئِین اور احکام اَیسے راست ہیں جَیسی یہ ساری شرِیعت ہے جِسے مَیں آج تُمہارے سامنے رکھتا ہُوں۔

9 سو تُو ضرُور ہی اپنی اِحتیاط رکھنا اور بڑی حِفاظت کرنا تا نہ ہو کہ تُو وہ باتیں جو تُو نے اپنی آنکھ سے دیکھی ہیں بُھول جائے اور وہ زِندگی بھر کے لِئے تیرے دِل سے جاتی رہیں بلکہ تُو اُن کو اپنے بیٹوں اور پوتوں کو سِکھانا۔

10 خصُوصاً اُس دِن کی باتیں جب تُو خُداوند اپنے خُدا کے حضُور حورِب میں کھڑا ہُؤا کیونکہ خُداوند نے مُجھ سے کہا تھا کہ قَوم کو میرے حضُور جمع کر اور مَیں اُن کو اپنی باتیں سُناؤُں گا تاکہ وہ یہ سِیکھیں کہ زِندگی بھر جب تک زمِین پر جِیتے رہیں میرا خَوف مانیں اور اپنے بال بچّوں کو بھی یِہی سِکھائیں۔

11 چُنانچہ تُم نزدِیک جا کر اُس پہاڑ کے نیچے کھڑے ہُوئے اور وہ پہاڑ آگ سے دہک رہا تھا اور اُس کی لَو آسمان تک پُہنچتی تھی اور گِردا گِرد تارِیکی اور گھٹا اور ظُلمت تھی۔

12 اور خُداوند نے اُس آگ میں سے ہو کر تُم سے کلام کِیا ۔ تُم نے باتیں تو سُنِیں لیکن کوئی صُورت نہ دیکھی ۔ فقط آواز ہی آواز سُنی۔

13 اور اُس نے تُم کو اپنے عہد کے دسوں احکام بتا کر اُن کے ماننے کا حُکم دِیا اور اُن کو پتّھر کی دو لَوحوں پر لِکھ بھی دِیا۔

14 اُس وقت خُداوند نے مُجھے حُکم دِیا کہ تُم کو یہ آئِین اور احکام سِکھاؤُں تاکہ تُم اُس مُلک میں جِس پر قبضہ کرنے کے لِئے جا رہے ہو اُن پر عمل کرو۔

بُت پرستی کے خِلاف اِنتباہ

15 سو تُم اپنی خُوب ہی اِحتیاط رکھنا کیونکہ تُم نے اُس دِن جب خُداوند نے آگ میں سے ہو کر حورِب میں تُم سے کلام کِیا کِسی طرح کی کوئی صُورت نہیں دیکھی۔

16 تا نہ ہو کہ تُم بِگڑ کر کِسی شکل یا صُورت کی کھودی ہُوئی مُورت اپنے لِئے بنا لو جِس کی شبِیہ کِسی مَرد یا عَورت۔

17 یا زمِین کے کِسی حَیوان یا ہوا میں اُڑنے والے پرِندے۔

18 یا زمِین کے رینگنے والے جاندار یا مچھلی سے جو زمِین کے نِیچے پانی میں رہتی ہے مِلتی ہو۔

19 یا جب تُو آسمان کی طرف نظر کرے اور تمام اجرامِ فلک یعنی سُورج اور چاند اور تاروں کو دیکھے تو گُمراہ ہوکر اُن ہی کو سِجدہ اور اُن کی عِبادت کرنے لگے جِن کو خُداوند تیرے خُدا نے رُویِ زمِین کی سب قَوموں کے لِئے رکھّا ہے۔

20 لیکن خُداوند نے تُم کو چُنا اور تُم کو گویا لوہے کی بھٹّی یعنی مِصر سے نِکال لے آیا ہے تاکہ تُم اُس کی مِیراث کے لوگ ٹھہرو جَیسا آج ظاہِرہے۔

21 اورتُمہارے ہی سبب سے خُداوند نے مُجھ سے ناراض ہو کر قَسم کھائی کہ مَیں یَردن پار نہ جاؤُں اور نہ اُس اچھّے مُلک میں پُہنچنے پاؤُں جِسے خُداوند تیرا خُدا مِیراث کے طَور پر تُجھ کو دیتا ہے۔

22 بلکہ مُجھے اِسی مُلک میں مَرنا ہے ۔ مَیں یَردن پار نہیں جا سکتا ۔ لیکن تُم پار جا کر اُس اچھّے مُلک پر قبضہ کرو گے۔

23 سو تُم اِحتیاط رکھّو تا نہ ہو کہ تُم خُداوند اپنے خُدا کے اُس عہد کو جو اُس نے تُم سے باندھا ہے بُھول جاؤ اور اپنے لِئے کِسی چِیز کی شبِیہ کی کھودی ہُوئی مُورت بنا لو جِس سے خُداوند تیرے خُدا نے تُجھ کو منع کِیا ہے۔

24 کیونکہ خُداوند تیرا خُدا بھسم کرنے والی آگ ہے ۔ وہ غیُور خُدا ہے۔

25 اور جب تُجھ سے بیٹے اور پوتے پَیدا ہوں اور تُم کو اُس مُلک میں رہتے ہُوئے ایک مُدّت ہو جائے اور تُم بِگڑ کر کِسی چِیز کی شبِیہ کی کھودی ہُوئی مُورت بنا لو اور خُداوند اپنے خُدا کے حضُور شرارت کر کے اُسے غُصّہ دِلاؤ۔

26 تو مَیں آج کے دِن تُمہارے برخِلاف آسمان اور زمِین کو گواہ بناتا ہُوں کہ تُم اُس مُلک سے جِس پر قبضہ کرنے کو یَردن پار جانے پر ہو جلد بِالکُل فنا ہو جاؤ گے ۔ تُم وہاں بُہت دِن رہنے نہ پاؤ گے بلکہ بِالکُل نابُود کر دِئے جاؤ گے۔

27 اور خُداوند تُم کو قَوموں میں تِتّربِتّر کرے گا اور جِن قَوموں کے درمیان خُداوند تُم کو پُہنچائے گا اُن میں تُم تھوڑے سے رہ جاؤ گے۔

28 اور وہاں تُم آدمِیوں کے ہاتھ کے بنے ہُوئے لکڑی اور پتّھر کے دیوتاؤں کی عِبادت کرو گے جو نہ دیکھتے نہ سُنتے نہ کھاتے نہ سُونگھتے ہیں۔

29 لیکن وہاں بھی اگر تُم خُداوند اپنے خُدا کے طالِب ہو تو وہ تُجھ کو مِل جائے گا بشرطیکہ تُو اپنے پُورے دِل سے اور اپنی ساری جان سے اُسے ڈُھونڈے۔

30 جب تُو مُصِیبت میں پڑے گا اور یہ سب باتیں تُجھ پر گُذریں گی تو آخِری دِنوں میں تُو خُداوند اپنے خُدا کی طرف پِھرے گا اور اُس کی مانے گا۔

31 کیونکہ خُداوند تیرا خُدا رحیم خُدا ہے ۔ وہ تُجھ کو نہ تو چھوڑے گا اور نہ ہلاک کرے گا اور نہ اُس عہد کو بُھولے گا جِس کی قَسم اُس نے تیرے باپ دادا سے کھائی۔

32 اور جب سے خُدا نے اِنسان کو زمِین پر پَیدا کِیا تب سے شرُوع کر کے تُو اُن گُذرے ایّام کا حال جو تُجھ سے پہلے ہو چُکے پُوچھ اور آسمان کے ایک سِرے سے دُوسرے سِرے تک دریافت کر کہ اِتنی بڑی واردات کی طرح کبھی کوئی بات ہُوئی یا سُننے میں بھی آئی؟۔

33 کیا کبھی کوئی قَوم خُدا کی آواز جَیسے تُو نے سُنی آگ میں سے آتی ہُوئی سُن کر زِندہ بچی ہے؟۔

34 یا کبھی خُدا نے ایک قَوم کو کِسی دُوسری قَوم کے بِیچ سے نِکالنے کا اِرادہ کر کے اِمتِحانوں اور نِشانوں اور مُعجِزوں اور جنگ اور زورآور ہاتھ اور بُلند بازُو اور ہَولناک ماجروں کے وسِیلہ سے اُن کو اپنی خاطِر برگُزیدہ کرنے کے لِئے وہ کام کِئے جو خُداوند تُمہارے خُدا نے تُمہاری آنکھوں کے سامنے مِصر میں تُمہارے لِئے کِئے؟۔

35 یہ سب کُچھ تُجھ کو دِکھایا گیا تاکہ تُو جانے کہ خُداوند ہی خُدا ہے اور اُس کے سِوا اَور کوئی ہے ہی نہیں۔

36 اُس نے اپنی آواز آسمان میں سے تُجھ کو سُنائی تاکہ تُجھ کو تربِیّت کرے اور زمِین پر اُس نے تُجھ کو اپنی بڑی آگ دِکھائی اور تُو نے اُس کی باتیں آگ کے بِیچ میں سے آتی ہُوئی سُنِیں۔

37 اور چُونکہ اُسے تیرے باپ دادا سے مُحبّت تھی اِسی لِئے اُس نے اُن کے بعد اُن کی نسل کو چُن لِیا اور تیرے ساتھ ہو کر اپنی بڑی قُدرت سے تُجھ کو مِصر سے نِکال لایا۔

38 تاکہ تیرے سامنے سے اُن قَوموں کو جو تُجھ سے بڑی اور زورآور ہیں دفع کرے اور تُجھ کو اُن کے مُلک میں پُہنچائے اور اُسے تُجھ کو مِیراث کے طَور پر دے جَیسا آج کے دِن ظاہِرہے۔

39 پس آج کے دِن تُو جان لے اور اِس بات کو اپنے دِل میں جما لے کہ اُوپر آسمان میں اور نِیچے زمِین پر خُداوند ہی خُدا ہے اور کوئی دُوسرا نہیں۔

40 سو تُو اُس کے آئِین اور احکام کو جو مَیں تُجھ کو آج بتاتا ہُوں ماننا تاکہ تیرا اور تیرے بعد تیری اَولاد کا بھلا ہو اور ہمیشہ اُس مُلک میں جو خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو دیتا ہے تیری عُمر دراز ہو۔

دریائے یَردن کے مشرِق میں پناہ کے شہر

41 پِھر مُوسیٰ نے یَردن کے پار مشرِق کی طرف تِین شہر الگ کِئے۔

42 تاکہ اَیسا خُونی جو انجانے بغَیر قدِیمی عداوت کے اپنے پڑوسی کو مار ڈالے وہ وہاں بھاگ جائے اور اِن شہروں میں سے کِسی میں جا کر جِیتا بچ رہے۔

43 یعنی رُوبِینِیوں کے لِئے تو شہرِ بصر ہو جو ترائی میں بیابان کے بِیچ واقع ہے اور جدّیوں کے لِئے شہرِ رامات جو جِلعاد میں ہے اور منسِّیوں کے لِئے بسن کا شہرِجولان۔

خُداکی شرِیعت دیئے جانے کی تمہِید

44 یہ وہ شرِیعت ہے جو مُوسیٰ نے بنی اِسرائیل کے آگے پیش کی۔

45 یِہی وہ شہادتیں اور آئِین اور احکام ہیں جِن کو مُوسیٰ نے بنی اِسرائیل کو اُن کے مِصر سے نِکلنے کے بعد۔

46 یَردن کے پار اُس وادی میں جو بَیت فغُور کے مُقابِل ہے کہہ سُنایا یعنی امورِیوں کے بادشاہ سِیحو ن کے مُلک میں جو حسبون میں رہتا تھا جِسے مُوسیٰ اور بنی اِسرائیل نے مُلکِ مِصر سے نِکلنے کے بعد مارا۔

47 اور پِھر اُس کے مُلک کو اور بسن کے بادشاہ عوج کے مُلک کو اپنے قبضہ میں کر لِیا ۔ امورِیوں کے اِن دونوں بادشاہوں کا یہ مُلک یَردن پار مشرِق کی طرف۔

48 عروعیر سے جو وادیِ ارنون کے کنارے واقع ہے کوہِ سِیون تک جِسے حرمُون بھی کہتے ہیں پَھیلا ہُؤا ہے۔

49 اِسی میں یَردن پار مشرِق کی طرف مَیدان کے دریا تک جو پِسگہ کے ڈھال کے نِیچے بہتا ہے وہاں کا سارا مَیدان شامل ہے۔

اِستِثنا 5

مُوسیٰ کا دُوسرا خطاب دَس حُکم

1 پِھر مُوسیٰ نے سب اِسرائیلِیوں کو بُلوا کر اُن کو کہا اَے اِسرائیلِیو! تُم اُن آئِین اور احکام کو سُن لو جِن کو مَیں آج تُم کو سُناتا ہُوں تاکہ تُم اُن کو سِیکھ کر اُن پر عمل کرو۔

2 خُداوند ہمارے خُدا نے حورِب میں ہم سے ایک عہد باندھا۔

3 خُداوند نے یہ عہد ہمارے باپ دادا سے نہیں بلکہ خُود ہم سب سے جو یہاں آج کے دِن جِیتے ہیں باندھا۔

4 خُداوند نے تُم سے اُس پہاڑ پر رُوبرُو آگ کے بِیچ میں سے باتیں کِیں۔

5 (اُس وقت مَیں تُمہارے اور خُداوند کے درمِیان کھڑا ہُؤا تاکہ خُداوند کا کلام تُم پر ظاہِر کرُوں کیونکہ تُم آگ کے سبب سے ڈرے ہُوئے تھے اور پہاڑ پر نہ چڑھے)۔

6 تب اُس نے کہا خُداوند تیرا خُدا جو تُجھ کو مُلکِ مِصر یعنی غُلامی کے گھر سے نِکال لایا مَیں ہُوں۔

7 میرے آگے تُو اَور معبُودوں کو نہ ماننا۔

8 تُو اپنے لِئے کوئی تراشی ہُوئی مُورت نہ بنانا نہ کِسی چِیز کی صُورت بنانا جو اُوپر آسمان میں یا نِیچے زمِین پر یا زمِین کے نِیچے پانی میں ہے۔

9 تُو اُن کے آگے سِجدہ نہ کرنا اور نہ اُن کی عِبادت کرنا کیونکہ مَیں خُداوند تیرا خُدا غیُور خُدا ہُوں اور جو مُجھ سے عداوت رکھتے ہیں اُن کی اَولاد کو تِیسری اور چَوتھی پُشت تک باپ دادا کی بدکاری کی سزا دیتا ہُوں۔

10 اور ہزاروں پر جو مُجھ سے مُحبّت رکھتے اور میرے حُکموں کو مانتے ہیں رحم کرتا ہُوں۔

11 تُو خُداوند اپنے خُدا کا نام بیفائِدہ نہ لینا کیونکہ خُداوند اُس کو جو اُس کا نام بیفائِدہ لیتا ہے بے گُناہ نہ ٹھہرائے گا۔

12 تُو خُداوند اپنے خُدا کے حُکم کے مُطابِق سبت کے دِن کو یاد کر کے پاک ماننا۔

13 چھ دِن تک تُو مِحنت کر کے اپنا سارا کام کاج کرنا۔

14 لیکن ساتواں دِن خُداوند تیرے خُدا کا سبت ہے ۔ اُس میں نہ تُو کوئی کام کرے نہ تیرا بیٹا نہ تیری بیٹی نہ تیرا غُلام نہ تیری لَونڈی نہ تیرا بَیل نہ تیرا گدھا نہ تیرا اَور کوئی جانور اور نہ کوئی مُسافِر جو تیرے پھاٹکوں کے اندر ہو تاکہ تیرا غُلام اور تیری لَونڈی بھی تیری طرح آرام کریں۔

15 اور یاد رکھنا کہ تُو مُلکِ مِصر میں غُلام تھا اور وہاں سے خُداوند تیرا خُدا اپنے زورآور ہاتھ اور بُلند بازُو سے تُجھ کو نِکال لایا ۔ اِس لِئے خُداوند تیرے خُدا نے تُجھ کو سبت کے دِن کو ماننے کا حُکم دِیا۔

16 اپنے با پ اور اپنی ماں کی عِزّت کرنا جَیسا خُداوند تیرے خُدا نے تُجھے حُکم دِیا ہے تاکہ تیری عُمر دراز ہو اور جو مُلک خُداوند تیرا خُدا تُجھے دیتا ہے اُس میں تیرا بھلا ہو۔

17 تُو خُون نہ کرنا۔

18 تُو زِنا نہ کرنا۔

19 تُو چوری نہ کرنا۔

20 تُو اپنے پڑوسی کے خِلاف جُھوٹی گواہی نہ دینا۔

21 تُو اپنے پڑوسی کی بِیوی کا لالچ نہ کرنا اور نہ اپنے پڑوسی کے گھر یا اُس کے کھیت یا غُلام یا لَونڈی یا بَیل یا گدھے یا اُس کی کِسی اور چِیز کا خواہاں ہونا۔

22 یِہی باتیں خُداوند نے اُس پہاڑ پر آگ اور گھٹا اور ظُلمت میں سے تُمہاری ساری جماعت کو بُلند آواز سے کہِیں اور اِس سے زِیادہ اَور کُچھ نہ کہا اور اِن ہی کو اُس نے پتّھر کی دو لَوحوں پر لِکھا اور اُن کو میرے سپُرد کِیا۔

لوگ ڈرجاتے ہیں

23 اور جب وہ پہاڑ آگ سے دہک رہا تھا اور تُم نے وہ آواز اندھیرے میں سے آتی سُنی تو تُم اور تُمہارے قبِیلوں کے سردار اور بزُرگ میرے پاس آئے۔

24 اور تُم کہنے لگے کہ خُداوند ہمارے خُدا نے اپنی شَوکت اور عظمت ہم کو دِکھائی اور ہم نے اُس کی آواز آگ میں سے آتی سُنی ۔ آج ہم نے دیکھ لِیا کہ خُداوند اِنسان سے باتیں کرتا ہے تَو بھی اِنسان زِندہ رہتا ہے۔

25 سو اب ہم کیوں اپنی جان دیں کیونکہ اَیسی بڑی آگ ہم کو بھسم کر دے گی ۔ اگر ہم خُداوند اپنے خُدا کی آواز پِھر سُنیں تو مَر ہی جائیں گے۔

26 کیونکہ اَیسا کَون سا بشر ہے جِس نے زِندہ خُدا کی آواز ہماری طرح آگ میں سے آتی سُنی ہو اور پِھر بھی جِیتا رہا؟۔

27 سو تُو ہی نزدِیک جا کر جو کُچھ خُداوند ہمارا خُدا کہے اُسے سُن لے اور تُو ہی وہ باتیں جو خُداوند ہمارا خُدا تُجھ سے کہے ہم کو بتانا اور ہم اُسے سُنیں گے اور اُس پر عمل کریں گے۔

28 اور جب تُم مُجھ سے گُفتگُو کر رہے تھے تو خُداوند نے تُمہاری باتیں سُنِیں ۔ تب خُداوند نے مُجھ سے کہا کہ مَیں نے اِن لوگوں کی باتیں جو اُنہوں نے تُجھ سے کہِیں سُنی ہیں ۔ جو کُچھ اُنہوں نے کہا ٹھیک کہا۔

29 کاش اُن میں اَیسا ہی دِل ہو تاکہ وہ میرا خَوف مان کر ہمیشہ میرے سب حُکموں پر عمل کرتے تاکہ سدا اُن کا اور اُن کی اَولاد کا بھلا ہوتا!۔

30 سو تُو جا کر اُن سے کہہ دے کہ تُم اپنے ڈیروں کو لَوٹ جاؤ۔

31 پر تُو یہِیں میرے پاس کھڑا رہ اور مَیں وہ سب فرمان اور سب آئِین اور احکام جو تُجھے اُن کو سِکھانے ہیں تُجھ کو بتاؤُں گا تاکہ وہ اُن پر اُس مُلک میں جو مَیں اُن کو قبضہ کرنے کے لِئے دیتا ہُوں عمل کریں۔

32 سو تُم اِحتیاط رکھنا اور جَیسا خُداوند تُمہارے خُدا نے تُم کو حُکم دِیا ہے وَیسا ہی کرنا اور دہنے یا بائیںہاتھ کو نہ مُڑنا۔

33 تُم اُس سارے طرِیق پر جِس کا حُکم خُداوند تُمہارے خُدا نے تُم کو دِیا ہے چلنا تاکہ تُم جِیتے رہو اور تُمہارا بھلا ہو اور تُمہاری عُمر اُس مُلک میں جِس پر تُم قبضہ کرو گے دراز ہو۔

اِستِثنا 6

سب سے بڑا حُکم

1 یہ وہ فرمان اور آئِین اور احکام ہیں جِن کو خُداوند تُمہارے خُدا نے تُم کو سِکھانے کا حُکم دِیا ہے تاکہ تُم اُن پر اُس مُلک میں عمل کرو جِس پر قبضہ کرنے کے لِئے پار جانے کو ہو۔

2 اور تُو اپنے بیٹوں اور پوتوں سمیت خُداوند اپنے خُدا کا خَوف مان کر اُس کے تمام آئِین اور احکام پر جو مَیں تُجھ کو بتاتا ہُوں زِندگی بھر عمل کرنا تاکہ تیری عُمر دراز ہو۔

3 اِس لِئے اَے اِسرا ئیل! سُن اور اِحتیاط کر کے اُن پر عمل کر تاکہ تیرا بھلا ہو اور تُم خُداوند اپنے باپ دادا کے خُدا کے وعدہ کے مُطابِق اُس مُلک میں جِس میں دُودھ اور شہد بہتا ہےنِہایت بڑھ جاؤ۔

4 سُن اَے اِسرائیل ! خُداوند ہمارا خُدا ایک ہی خُداوند ہے۔

5 تُو اپنے سارے دِل اور اپنی ساری جان اور اپنی ساری طاقت سے خُداوند اپنے خُدا سے مُحبّت رکھ۔

6 اور یہ باتیں جِن کا حُکم آج مَیں تُجھے دیتا ہُوں تیرے دِل پر نقش رہیں۔

7 اور تُو اِن کو اپنی اَولاد کے ذِہن نشِین کرنا اور گھر بَیٹھے اور راہ چلتے اور لیٹتے اور اُٹھتے وقت اِن کا ذِکر کِیا کرنا۔

8 اور تُو نِشان کے طَور پر اِن کو اپنے ہاتھ پر باندھنا اور وہ تیری پیشانی پر ٹِیکوں کی مانِند ہوں۔

9 اور تُو اُن کو اپنے گھر کی چَوکھٹوں اور اپنے پھاٹکوں پر لِکھنا۔

نافرمانی کے خِلاف اِنتباہ

10 اور جب خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو اُس مُلک میں پُہنچائے جِسے تُجھ کو دینے کی قَسم اُس نے تیرے باپ دادا ابرہام اور اِضحاق اور یعقُوب سے کھائی اور جب وہ تُجھ کو بڑے بڑے اور اچھّے شہر جِن کو تُو نے نہیں بنایا۔

11 اور اچّھّی اچّھّی چِیزوں سے بھرے ہُوئے گھر جِن کو تُو نے نہیں بھرا اور کھودے کُھدائے حَوض جو تُو نے نہیں کھودے اور انگُور کے باغ اور زَیتُون کے درخت جو تُو نے نہیں لگائےعِنایت کرے اور تُو کھائے اور سیر ہو۔

12 تو تُو ہوشیار رہنا تا اَیسا نہ ہو کہ تُو خُداوند کو جو تُجھ کو مُلکِ مِصر یعنی غُلامی کے گھر سے نِکال لایا بُھول جائے۔

13 تُو خُداوند اپنے خُدا کا خَوف ماننا اور اُسی کی عِبادت کرنا اور اُسی کے نام کی قَسم کھانا۔

14 تُم اَور معبُودوں کی یعنی اُن قَوموں کے معبُودوں کی جو تُمہارے آس پاس رہتی ہیں پَیروی نہ کرنا۔

15 کیونکہ خُداوند تیرا خُدا جو تیرے درمیان ہے غیُور خُدا ہے ۔ سو اَیسا نہ ہو کہ خُداوند تیرے خُدا کا غضب تُجھ پر بھڑکے اور وہ تُجھ کو رُویِ زمِین پر سے فنا کر دے۔

16 تُم خُداوند اپنے خُدا کو مت آزمانا جَیسا تُم نے اُسے مسّہ میں آزمایا تھا۔

17 تُم جانفشانی سے خُداوند اپنے خُدا کے حُکموں اور شہادتوں اور آئِین کو جو اُس نے تُجھ کو فرمائے ہیں ماننا۔

18 اور تُو وُہی کرنا جو خُداوند کی نظر میں دُرُست اور اچھّا ہے تاکہ تیرا بھلا ہو اور جِس اچھّے مُلک کی بابت خُداوند نے تیرے باپ دادا سے قَسم کھائی تُو اُس میں داخِل ہو کر اُس پر قبضہ کر سکے۔

19 اور خُداوند تیرے سب دُشمنوں کو تیرے آگے سے دفع کرے جَیسا اُس نے کہا ہے۔

20 اور جب آیندہ زمانہ میں تیرے بیٹے تُجھ سے سوال کریں کہ جِن شہادتوں اور آئِین اور فرمان کے ماننے کا حُکم خُداوند ہمارے خُدا نے تُم کو دِیا ہے اُن کا مطلب کیا ہے؟۔

21 تو تُو اپنے بیٹوں کو یہ جواب دینا کہ جب ہم مِصر میں فِرعون کے غُلام تھے تو خُداوند اپنے زورآور ہاتھ سے ہم کو مِصر سے نِکال لایا۔

22 اور خُداوند نے بڑے بڑے اور ہَولناک عجائب و نِشان ہمارے سامنے اہلِ مِصر اور فِرعو ن اور اُس کے سب گھرانے پر کر کے دِکھائے۔

23 اور ہم کو وہاں سے نِکال لایا تاکہ ہم کو اِس مُلک میں جِسے ہم کو دینے کی قَسم اُس نے ہمارے باپ دادا سے کھائی پُہنچائے۔

24 سو خُداوند نے ہم کو اِن سب احکام پر عمل کرنے اور ہمیشہ اپنی بھلائی کے لِئے خُداوند اپنے خُدا کا خَوف ماننے کا حُکم دِیا ہے تاکہ وہ ہم کو زِندہ رکھّے جَیسا آج کے دِن ظاہِرہے۔

25 اور اگر ہم اِحتیاط رکھّیں کہ خُداوند اپنے خُدا کے حضُور اِن سب حُکموں کو مانیں جَیسا اُس نے ہم سے کہا ہے تو اِسی میں ہماری صداقت ہو گی۔

اِستِثنا 7

خُدا کی اپنی اُمّت

1 جب خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو اُس مُلک میں جِس پر قبضہ کرنے کے لِئے تُو جا رہا ہے پُہنچا دے اور تیرے آگے سے اُن بُہت سی قَوموں کو یعنی حِتِّیوں اور جرِجاسِیوں اور امورِیوں اور کنعانیوں اور فرِزِّیوں اور حوِ ّیوں اور یبُوسِیوں کو جو ساتوں قَومیں تُجھ سے بڑی اور زورآور ہیں نِکال دے۔

2 اور جب خُداوند تیرا خُدا اُن کو تیرے آگے شِکست دِلائے اور تُو اُن کو مار لے تو تُو اُن کو بِالکُل نابُود کر ڈالنا ۔ تُو اُن سے کوئی عہد نہ باندھنا اور نہ اُن پر رحم کرنا۔

3 تُو اُن سے بیاہ شادی بھی نہ کرنا ۔ نہ اُن کے بیٹوں کو اپنی بیٹِیاں دینا اور نہ اپنے بیٹوں کے لِئے اُن کی بیٹِیاں لینا۔

4 کیونکہ وہ تیرے بیٹوں کو میری پَیروی سے برگشتہ کر دیں گے تاکہ وہ اَور معبُودوں کی عِبادت کریں ۔ یُوں خُداوند کا غضب تُم پر بھڑکے گا اور وہ تُجھ کو جلد ہلاک کر دے گا۔

5 بلکہ تُم اُن سے یہ سلُوک کرنا کہ اُن کے مذبحوں کو ڈھا دینا ۔ اُن کے سُتُونوں کو ٹُکڑے ٹُکڑے کر دینا اور اُن کی یسِیرتوں کو کاٹ ڈالنا اور اُن کی تراشی ہُوئی مُورتیں آگ میں جلا دینا۔

6 کیونکہ تُو خُداوند اپنے خُدا کے لِئے ایک مُقدّس قَوم ہے ۔ خُداوند تیرے خُدا نے تُجھ کو رُویِ زمِین کی اَور سب قَوموں میں سے چُن لِیا ہے تاکہ اُس کی خاص اُمّت ٹھہرے۔

7 خُداوند نے جو تُم سے مُحبّت کی اور تُم کو چن لِیا تو اِس کا سبب یہ نہ تھا کہ تُم شُمار میں اَور قَوموں سے زِیادہ تھے کیونکہ تُم سب قَوموں سے شُمار میں کم تھے۔

8 بلکہ چُونکہ خُداوند کو تُم سے مُحبّت ہے اور وہ اُس قَسم کو جو اُس نے تُمہارے باپ دادا سے کھائی پُورا کرنا چاہتا تھا اِس لِئے خُداوند تُم کو اپنے زورآور ہاتھ سے نِکال لایا اور غُلامی کے گھر یعنی مِصر کے بادشاہ فِرعو ن کے ہاتھ سے تُم کو مَخلصی بخشی۔

9 سو جان لے کہ خُداوند تیرا خُدا وُہی خُدا ہے ۔ وہ وفادار خُدا ہے اور جو اُس سے مُحبّت رکھتے اور اُس کے حُکموں کو مانتے ہیں اُن کے ساتھ ہزار پُشت تک وہ اپنے عہد کو قائِم رکھتا اور اُن پر رحم کرتا ہے۔

10 اور جو اُس سے عداوت رکھتے ہیں اُن کو اُن کے دیکھتے ہی دیکھتے بدلہ دے کر ہلاک کر ڈالتا ہے ۔ وہ اُس کے بارے میں جو اُس سے عداوت رکھتا ہے دیر نہ کرے گا بلکہ اُسی کے دیکھتے دیکھتے اُسے بدلہ دے گا۔

11 اِس لِئے جو فرمان اور آئِین اور احکام مَیں آج کے دِن تُجھ کو بتاتا ہُوں تُو اُن کو ماننا اور اُن پر عمل کرنا۔

فرمانبرداری کی برکات

12 اور تُمہارے اِن حُکموں کو سُننے اور ماننے اور اُن پر عمل کرنے کے سبب سے خُداوند تیرا خُدا بھی تیرے ساتھ اُس عہد اور رحمت کو قائِم رکھّے گا جِن کی قَسم اُس نے تیرے باپ دادا سے کھائی۔

13 اور تُجھ سے مُحبّت رکھّے گا اور تُجھ کو برکت دے گا اور بڑھائے گا اور اُس مُلک میں جِسے تُجھ کو دینے کی قَسم اُس نے تیرے باپ دادا سے کھائی وہ تیری اَولاد پر اور تیری زمِین کی پَیداوار یعنی تیرے غلّہ اور مَے اور تیل پر اور تیرے گائے بَیل کے اور بھیڑ بکرِیوں کے بچّوں پر برکت نازِل کرے گا۔

14 تُجھ کو سب قَوموں سے زِیادہ برکت دی جائے گی اور تُم میں یا تُمہارے چَوپایوں میں نہ تُو کوئی عقِیم ہو گا نہ بانجھ۔

15 اور خُداوند ہر قِسم کی بیماری تُجھ سے دُور کرے گا اور مِصر کے اُن بُرے روگوں کو جِن سے تُو واقِف ہے تُجھ کو لگنے نہ دے گا بلکہ اُن کو اُن پر جو تُجھ سے عداوت رکھتے ہیں نازِل کرے گا۔

16 اور تُو اُن سب قَوموں کو جِن کو خُداوند تیرا خُدا تیرے قابُو میں کر دے گا نابُود کر ڈالنا ۔ تُو اُن پر ترس نہ کھانا اور نہ اُن کے دیوتاؤں کی عِبادت کرنا ورنہ یہ تیرے لِئے ایک جال ہو گا۔

17 اور اگر تیرا دِل بھی یہ کہے کہ یہ قَومیں تو مُجھ سے زِیادہ ہیں ۔ مَیں اُن کو کیونکر نِکالُوں؟۔

18 تَو بھی تُو اُن سے نہ ڈرنا بلکہ جو کُچھ خُداوند تیرے خُدا نے فِرعو ن اور سارے مِصر سے کِیا اُسے خُوب یاد رکھنا۔

19 یعنی اُن بڑے بڑے تجربوں کو جِن کو تیری آنکھوں نے دیکھا اور اُن نِشانوں اور مُعجِزوں اور زورآور ہاتھ اور بُلند بازُو کو جِن سے خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو نِکال لایا کیونکہ خُداوند تیرا خُدا اَیسا ہی اُن سب قَوموں سے کرے گا جِن سے تُو ڈرتا ہے۔

20 بلکہ خُداوند تیرا خُدا اُن میں زنبُوروں کو بھیج دے گا یہاں تک کہ جو اُن میں سے باقی بچ کر چُھپ جائیں گے وہ بھی تیرے آگے سے ہلاک ہو جائیں گے۔

21 سو تُو اُن سے دہشت نہ کھانا کیونکہ خُداوند تیرا خُدا تیرے بِیچ میں ہے اور وہ خُدایِ عظِیم اور مُہِیب ہے۔

22 اور خُداوند تیرا خُدا اُن قَوموں کو تیرے آگے سے تھوڑا تھوڑا کر کے دفع کرے گا ۔ تُو ایک ہی دَم اُن کو ہلاک نہ کرنا ۔ اَیسا نہ ہو کہ جنگلی درِندے بڑھ کر تُجھ پر حملہ کرنے لگیں۔

23 بلکہ خُداوند تیرا خُدا اُن کو تیرے حوالہ کرے گا اور اُن کو اَیسی شِکستِ فاش دے گا کہ وہ نابُود ہو جائیں گے۔

24 اور وہ اُن کے بادشاہوں کو تیرے قابُو میں کر دے گا اور تُو اُن کا نام صفحۂِ روزگار سے مِٹا ڈالے گا اور کوئی مَرد تیرا سامنا نہ کر سکے گا یہاں تک کہ تُو اُن کو نابُود کر دے گا۔

25 تُم اُن کے دیوتاؤں کی تراشی ہُوئی مُورتوں کو آگ سے جلا دینا اور جو چاندی یا سونا اُن پر ہو اُس کا تُو لالچ نہ کرنا اور نہ اُسے لینا تا نہ ہو کہ تُو اُس کے پھندے میں پھنس جائے کیونکہ اَیسی بات خُداوند تیرے خُدا کے آگے مکرُوہ ہے۔

26 سو تُو اَیسی مکرُوہ چِیز اپنے گھر میں لا کر اُس کی طرح نیست کر دِیا جانے کے لائِق نہ بن جانا بلکہ تُو اُس سے ازحد گھِن کھانا اور اُس سے بِالکُل نفرت رکھنا کیونکہ وہ ملعُون چِیز ہے۔

اِستِثنا 8

ایک اچھّے مُلک پر قبضہ ہوگا

1 سب حُکموں پر جو آج کے دِن مَیں تُجھ کو دیتا ہُوں تُم اِحتیاط کر کے عمل کرنا تاکہ تُم جِیتے اور بڑھتے رہو اور جِس مُلک کی بابت خُداوند نے تُمہارے باپ دادا سے قَسم کھائی ہے تُم اُس میں جا کر اُس پر قبضہ کرو۔

2 اور تُو اُس سارے طرِیق کو یاد رکھنا جِس پر اِن چالِیس برسوں میں خُداوند تیرے خُدا نے تُجھ کو اِس بیابان میں چلایا تاکہ وہ تُجھ کو عاجِز کر کے آزمائے اور تیرے دِل کی بات دریافت کرے کہ تُو اُس کے حُکموں کو مانے گا یا نہیں۔

3 اور اُس نے تُجھ کو عاجِز کِیا بھی اور تُجھ کو بُھوکا ہونے دِیا اور وہ مَنّ جِسے نہ تُو نہ تیرے باپ دادا جانتے تھے تُجھ کو کِھلایا تاکہ تُجھ کو سِکھائے کہ اِنسان صِرف روٹی ہی سے جِیتا نہیں رہتا بلکہ ہر بات سے جوخُداوند کے مُنہ سے نِکلتی ہے وہ جِیتا رہتا ہے۔

4 اِن چالِیس برسوں میں نہ تو تیرے تن پر تیرے کپڑے پُرانے ہُوئے اور نہ تیرے پاؤں سُوجے۔

5 اور تُو اپنے دِل میں خیال رکھنا کہ جِس طرح آدمی اپنے بیٹے کو تنبِیہ کرتا ہے وَیسے ہی خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو تنبِیہ کرتا ہے۔

6 سو تُو خُداوند اپنے خُدا کی راہوں پر چلنے اور اُس کا خَوف ماننے کے لِئے اُس کے حُکموں پر عمل کرنا۔

7 کیونکہ خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو ایک اچھّے مُلک میں لِئے جاتا ہے ۔ وہ پانی کی ندیوں اور اَیسے چشموں اور سوتوں کا مُلک ہے جو وادِیوں اور پہاڑوں سے پُھوٹ کر نِکلتے ہیں۔

8 وہ اَیسا مُلک ہے جہاں گیہُوں اور جَو اور انگُور اور انجِیر کے درخت اور انار ہوتے ہیں ۔ وہ اَیسا مُلک ہے جہاں رَوغن دار زَیتُون اور شہد بھی ہے۔

9 اُس مُلک میں تُجھ کو روٹی بافِراط مِلے گی اور تُجھ کو کِسی چِیز کی کمی نہ ہو گی کیونکہ اُس مُلک کے پتّھر بھی لوہا ہیں اور وہاں کے پہاڑوں سے تُو تانبا کھود کر نِکال سکے گا۔

10 اور تُو کھائے گا اور سیر ہو گا اور اُس اچھّے مُلک کے لِئے جِسے خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو دیتا ہے اُس کا شُکر بجا لائے گا۔

خُداوند کو بُھلادینے کے خِلاف اِنتباہ

11 سو خبردار رہنا کہ کہِیں اَیسا نہ ہو کہ تُو خُداوند اپنے خُدا کو بُھول کر اُس کے فرمانوں اور حُکموں اور آئِین کو جِن کو آج مَیں تُجھ کو سُناتا ہُوں ماننا چھوڑ دے۔

12 اَیسانہ ہو کہ جب تُو کھا کر سیر ہو اور خُوشنُما گھر بنا کر اُن میں رہنے لگے۔

13 اور تیرے گائے بَیل کے گلّے اور بھیڑ بکرِیاں بڑھ جائیں اور تیرے پاس چاندی اور سونا اور مال بکثرت ہو جائے۔

14 تو تیرے دِل میں غرُور سمائے اور تُو خُداوند اپنے خُدا کو بُھول جائے جو تُجھ کو مُلکِ مِصر یعنی غُلامی کے گھر سے نِکال لایا ہے۔

15 اور اَیسے وسِیع اور ہَولناک بیابان میں تیرا رہبر ہُؤا جہاں جلانے والے سانپ اور بِچُّھو تھے اور جہاں کی زمِین بغَیر پانی کے سُوکھی پڑی تھی ۔ وہاں اُس نے تیرے لِئے چقمق کی چٹان سے پانی نِکالا۔

16 اور تُجھ کو بیابان میں وہ مَنّ کِھلایا جِسے تیرے باپ دادا جانتے بھی نہ تھے تاکہ تُجھ کو عاجِز کرے اور تیری آزمایش کر کے آخِر میں تیرا بھلا کرے۔

17 اور اَیسا نہ ہو کہ تُو اپنے دِل میں کہنے لگے کہ میری ہی طاقت اور ہاتھ کے زور سے مُجھ کو یہ دَولت نصِیب ہُوئی ہے۔

18 بلکہ تُو خُداوند اپنے خُدا کو یاد رکھنا کیونکہ وُہی تُجھ کو دَولت حاصِل کرنے کی قُوّت اِس لِئے دیتا ہے کہ اپنے اُس عہد کو جِس کی قَسم اُس نے تیرے باپ دادا سے کھائی تھی قائِم رکھّے جَیسا آج کے دِن ظاہِر ہے۔

19 اور اگر تُو کبھی خُداوند اپنے خُدا کو بُھولے اور اَور معبُودوں کا پَیرو بن کر اُن کی عِبادت اور پرستِش کرے تو مَیں آج کے دِن تُم کو آگاہ کِئے دیتا ہُوں کہ تُم ضرُور ہی نیست ہو جاؤ گے۔

20 جِن قَوموں کو خُداوند تُمہارے سامنے ہلاک کرنے کو ہے اُن ہی کی طرح تُم بھی خُداوند اپنے خُدا کی بات نہ ماننے کے سبب سے ہلاک ہو جاؤ گے۔