یشُوع 13

عِلاقہ جِس پر قبضہ کرنا باقی تھا

1 اور یشُوع بُڈّھا اور عُمر رسِیدہ ہُؤا اور خُداوند نے اُس سے کہا کہ تُو بُڈّھا اور عُمر رسِیدہ ہے اور قبضہ کرنے کو ابھی بُہت سا مُلک باقی ہے۔

2 اور وہ مُلک جو باقی ہے سو یہ ہے فلِستیوں کی سب اِقلیم اور سب جسُوری۔

3 سیحور سے جو مِصر کے سامنے ہے شِمال کی طرف عقروُ ن کی حد تک جو کنعانیوں کا گِنا جاتا ہے ۔ فلِستیوں کے پانچ سردار یعنی غزی اور اشدُودی اور اسقلونی اور جاتی اور عقرُونی اور عوّیم بھی۔

4 جو جنُوب کی طرف ہیں اور کنعانیوں کا سارا مُلک اور مغارہ جو صیدانیوں کا ہے ۔ افیق یعنی اموریوں کی سرحد تک۔

5 اور جبلیوں کا مُلک اور مشرِق کی طرف سے بعل جد سے جو کوہِ حرمو ن کے نِیچے ہے حمات کے مدخل تک سارا لُبنا ن۔

6 پِھر لُبنا ن سے مِسرفا ت المائِم تک کوہِستانی مُلک کے سب باشِندے یعنی سب صَیدانی ۔ اُن کو مَیں بنی اِسرائیل کے سامنے سے نِکال ڈالُوں گا ۔ تُو فقط جَیسا مَیں نے تُجھے حُکم دِیا ہے مِیراث کے طَور پر اُسے اِسرائیلیوں کو تقسِیم کر دے۔

7 سو تُو اِس مُلک کو اُن نَو قبِیلوں اور منسّی کے آدھے قبِیلہ کو مِیراث کے طَور پر بانٹ دے۔

دریائے یَردن کے مشرِق کی سرزمِین کی تقسِیم

8 منسّی کے ساتھ بنی رُوبِن اور بنی جدنے اپنی اپنی مِیراث پا لی تھی جِسے مُوسیٰ نے یَردن کے اُس پار مشرِق کی طرف اُن کو دِیا تھا کیونکہ خُداوند کے بندہ مُوسیٰ نے اُسے اُن ہی کو دِیا تھا یعنی۔

9 عرو عیرسے جو وادیِ ارنو ن کے کنارے واقِع ہے شرُوع کر کے وہ شہر جو وادی کے بِیچ میں ہے اور مِیدبا کا سارا مَیدان دِیبو ن تک۔

10 اور اموریوں کے بادشاہ سِیحو ن کے سب شہر جو حسبو ن میں سلطنت کرتا تھا بنی عمُّون کی سرحد تک۔

11 اور جِلعاد اور جسُوریوں اور معکاتیوں کی نواحی اور سارا کوہِ حرمو ن اور سارا بسن سلکہ تک۔

12 اور عوج جو رفائِیم کی بقِیّہ نسل سے تھا اور عستارا ت اور ادر عی میں حُکمران تھا اُس کا سارا عِلاقہ جو بسن میں تھا کیونکہ مُوسیٰ نے اُن کو مار کر خارِج کر دِیا تھا۔

13 تَو بھی بنی اِسرائیل نے جسُوریوں اور معکاتیوں کو نہیں نِکالا چُنانچہ جسُوری اور معکاتی آج تک اِسرائیلیوں کے درمِیان بسے ہُوئے ہیں۔

14 فقط لاوی کے قبِیلہ کو اُس نے کوئی مِیراث نہیں دی کیونکہ خُداوند اِسرا ئیل کے خُدا کی آتشِین قُربانیاں اُس کی مِیراث ہیں جَیسا اُس نے اُس سے کہا تھا۔

علاقہ جو رُوبِن کے قبِیلہ کو دِیا گیا

15 اور مُوسیٰ نے بنی رُوبِن کے قبِیلہ کو اُن کے گھرانوں کے مُطابِق مِیراث دی۔

16 اور اُن کی سرحد یہ تھی یعنی عرو عیر سے جو وادیِ ارنو ن کے کنارے واقِع ہے اور وہ شہر جو وادی کے بِیچ میں ہے اور مِید با کے پاس کا سارا مَیدان۔

17 حسبو ن اور اُس کے سب شہر جو مَیدان میں ہیں ۔ دِیبو ن اور بامات بعل اور بَیت بعل معون۔

18 اور یہصا ہ اور قدیما ت اور مفعت۔

19 اور قریتا ئِم اور سِبماہ اور ضرۃ السحرجو وادی کے کوہ میں ہے۔

20 اور بَیت فغو ر اور پِسگہ کے دامن کی زمِین اور بَیت یسیمو ت۔

21 اور مَیدان کے سب شہر اور اموریوں کے بادشاہ سِیحو ن کا سارا مُلک جو حسبو ن میں سلطنت کرتا تھا جِسے مُوسیٰ نے مِدیان کے رئِیسوں اوی اور رقم اور صُور اور حُور اور رِبع سِیحو ن کے رئِیسوں سمیت جو اُس مُلک میں بستے تھے قتل کِیا تھا۔

22 اور بعور کے بیٹے بلعا م کو بھی جو نجُومی تھا بنی اِسرائیل نے تلوار سے قتل کرکے اُن کے مقتُولوں کے ساتھ مِلا دِیا تھا۔

23 اور یَردن اور اُس کی نواحی بنی رُوبِن کی سرحد تھی ۔ یہی شہر اور اُن کے گاؤں بنی رُوبِن کے گھرانوں کے مُطابِق اُن کی مِیراث ٹھہرے۔

عِلاقہ جو جد کے قبِیلہ کو دیا گیا

24 اور مُوسیٰ نے جد کے قبِیلہ یعنی بنی جد کو اُن کے گھرانوں کے مُطابِق مِیراث دی۔

25 اور اُن کی سرحد یہ تھی ۔ یعزیر اور جِلعاد کے سب شہر اور بنی عمُّون کا آدھا مُلک عرو عیر تک جو ربّہ کے سامنے ہے۔

26 اور حسبو ن سے رامت المصفاہ اور بطُو نیم تک اور محنایِم سے دبِیر کی سرحد تک۔

27 اور وادی میں بَیت ہار م اور بَیت نِمر ہ اور سُکّا ت اور صفون یعنی حسبو ن کے بادشاہ سِیحو ن کی اقلِیم کا باقی حِصّہ اور یَردن کے اُس پار مشرِق کی طرف کِنّر ت کی جِھیل کے اُس سِرے تک یَردن اور اُس کی ساری نواحی۔

28 یہی شہر اور اِن کے گاؤں بنی جد کے گھرانوں کے مُطابِق اُن کی مِیراث ٹھہرے۔

مشرِق میں وہ عِلاقہ جو منسّی کے قبِیلہ کو دِیا گیا

29 اور مُوسیٰ نے منسّی کے آدھے قبِیلہ کو بھی مِیراث دی ۔ یہ بنی منسّی کے گھرانوں کے مُطابِق اُن کے آدھے قبِیلہ کے لِئے تھی۔

30 اور اُن کی سرحد یہ تھی ۔ محنایِم سے لے کر سارا بسن اور بسن کے بادشاہ عوج کی تمام اقلِیم اور یائِیر کے سب قصبے جو بسن میں ہیں وہ ساٹھ شہر ہیں۔

31 اور آدھا جِلعا د اور عستارا ت اور ادر عی جو بسن کے بادشاہ عوج کے شہر تھے یہ منسّی کے بیٹے مکِیر کی اَولاد کو مِلے یعنی مکِیر کی اَولاد کے آدھے آدمِیوں کو اُن کے گھرانوں کے مُطابِق یہ مِلے۔

32 یِہی وہ حِصّے ہیں جِن کو مُوسیٰ نے یرِیحُو کے پاس موآ ب کے مَیدانوں میں یَردن کے اُس پار مشرِق کی طرف مِیراث کے طَور پر تقسِیم کِیا۔

33 لیکن لاوی کے قبِیلہ کو مُوسیٰ نے کوئی مِیراث نہیں دی کیونکہ خُداوند اِسرا ئیل کا خُدا اُن کی مِیراث ہے جَیسا اُس نے اُن سے خُود کہا۔

یشُوع 14

دریائے یَردن کے مغرِب کی سرزمیِن کی تقسِیم

1 اور وہ حِصّے جِن کو کنعان کے مُلک میں بنی اِسرائیل نے مِیراث کے طَور پر پایا اور جِن کو الیِعزر کاہِن اور نُون کے بیٹے یشُوع اور بنی اِسرائیل کے قبِیلوں کے آبائی خاندانوں کے سرداروں نے اُن کو تقسِیم کِیا یہ ہیں۔

2 اُن کی مِیراث قُرعہ سے دی گئی جَیسا خُداوند نے ساڑھے نَو قبِیلوں کے حق میں مُوسیٰ کو حُکم دِیا تھا۔

3 کیونکہ مُوسیٰ نے یَردن کے اُس پار ڈھائی قبِیلوں کی مِیراث اُن کودے دی تھی پر اُس نے لاویوں کو اُن کے درمِیان کُچھ مِیراث نہیں دی۔

4 کیونکہ بنی یُوسف کے دو قبِیلے تھے منسّی اور افرا ئیم ۔ سو لاویوں کو اُس مُلک میں کُچھ حِصّہ نہ مِلا سِوا شہروں کے جو اُن کے رہنے کے لِئے تھے اور اُن کی نواحی کے جو اُن کے چَوپایوں اور مال کے لِئے تھی۔

5 جَیسا خُداوند نے مُوسیٰ کو حُکم دِیا تھا وَیسا ہی بنی اِسرائیل نے کِیا اور مُلک کو بانٹ لِیا۔

حبرُون کا عِلاقہ کا لِب کو دِیا گیا

6 تب بنی یہُوداہ جِلجا ل میں یشُوع کے پاس آئے اور قنِزی یُفنّہ کے بیٹے کالِب نے اُس سے کہا تُجھے معلُوم ہے کہ خُداوند نے مَردِ خُدا مُوسیٰ سے میری اور تیری بابت قادِس برنِیع میں کیا کہا تھا۔

7 جب خُداوند کے بندہ مُوسیٰ نے قادِس برنِیع سے مُجھ کو اِس مُلک کا حال دریافت کرنے کو بھیجا اُس وقت مَیں چالِیس برس کا تھا اور مَیں نے اُس کو وُہی خبر لا کر دی جو میرے دِل میں تھی۔

8 تَو بھی میرے بھائیوں نے جو میرے ساتھ گئے تھے لوگوں کے دِلوں کو پِگھلا دِیا لیکن مَیں نے خُداوند اپنے خُدا کی پُوری پَیروی کی۔

9 تب مُوسیٰ نے اُس دِن قَسم کھا کر کہا کہ جِس زمِین پر تیرا قدم پڑا ہے وہ ہمیشہ کے لِئے تیری اور تیرے بیٹوں کی مِیراث ٹھہرے گی کیونکہ تُو نے خُداوند میرے خُدا کی پُوری پَیروی کی ہے۔

10 اور اب دیکھ جب سے خُداوند نے یہ بات مُوسیٰ سے کہی تب سے اِن پَینتالِیس برسوں تک جِن میں بنی اِسرائیل بیابان میں آوارہ پِھرتے رہے خُداوند نے مُجھے اپنے قَول کے مُطابِق جِیتا رکھّا اور اب دیکھ مَیں آج کے دِن پچاسی برس کا ہُوں۔

11 اور آج کے دِن بھی مَیں وَیسا ہی ہُوں جَیسا اُس دِن تھا جب مُوسیٰ نے مُجھے بھیجا تھا اور جنگ کے لِئے اور باہر جانے اور لَوٹنے کے لِئے جَیسی قُوّت مُجھ میں اُس وقت تھی وَیسی ہی اب بھی ہے۔

12 سو یہ پہاڑی جِس کا ذِکر خُداوند نے اُس روز کِیا تھا مُجھ کو دے دے کیونکہ تُونے اُس دِن سُن لِیا تھا کہ عناقِیم وہاں بستے ہیں اور وہاں کے شہر بڑے اور فصِیل دار ہیں ۔ یہ مُمکِن ہے کہ خُداوند میرے ساتھ ہو اور مَیں اُن کو خُداوند کے قَول کے مُطابِق نِکال دُوں۔

13 تب یشُوع نے یُفنّہ کے بیٹے کالِب کو دُعا دی اور اُس کو حبرُو ن مِیراث کے طَور پر دے دِیا۔

14 سو حبرُو ن اُس وقت سے آج تک قنِزی یُفنّہ کے بیٹے کالِب کی مِیراث ہے اِس لِئے کہ اُس نے خُداوند اِسرا ئیل کے خُدا کی پُوری پَیروی کی۔

15 اور اگلے وقت میں حبرُو ن کا نام قریت اربع تھا اور وہ اربع عناقِیم میں سب سے بڑا آدمی تھا

اور اُس مُلک کو جنگ سے فراغت مِلی۔

یشُوع 15

عِلاقہ جو یہُوداہ کے قبِیلہ کو دِیا گیا

1 اور بنی یہُوداہ کے قبِیلہ کا حِصّہ اُن کے گھرانوں کے مُطابِق قُرعہ ڈال کر

ادُوم کی سرحد تک اور جنُوب میں دشتِ صِین تک جو جنُوب کے اِنتہائی حِصّہ میں واقِع ہے ٹھہرا۔

2 اور اُن کی جنُوبی حد دریایِ شور کے اِنتہائی حِصّہ کی اُس کھاڑی سے جِس کا رُخ جنُوب کی طرف ہے شرُوع ہُوئی۔

3 اور وہ عقر بّیِم کی چڑھائی کی جنُوبی سمت سے نِکل صِین ہوتی ہُوئی قادِس برنِیع کے جنُوب کو گئی ۔ پِھر حصرو ن کے پاس سے ادار کو جا کر قرقع کو مُڑی۔

4 اور وہاں سے عضمُو ن ہوتی ہُوئی مِصر کے نالے کو جا نِکلی اور اُس حد کا خاتِمہ سمُندر پر ہُؤا ۔ یِہی تُمہاری جنُوبی سرحد ہو گی۔

5 اور مشرِقی سرحدیَردن کے دہانہ تک دریایِ شور ہی ٹھہرا

اور اُس کی شِمالی حد اُس دریا کی اُس کھاڑی سے جو یَردن کے دہانہ پر ہے شرُوع ہُوئی۔

6 اور یہ حد بَیت حجلہ کو جا کر اور بَیت العرا بہ کے شِمال سے گُذر کر رُوبِن کے بیٹے بوہن کے پتّھر کو پُہنچی۔

7 پِھر وہاں سے وہ حد عکُور کی وادی ہوتی ہُوئی دبِیر کو گئی اور وہاں سے شِمال کی سمت چل کر جِلجا ل کے سامنے سے جو اُدمیّم کی چڑھائی کے مُقابِل ہے جا نِکلی ۔ یہ چڑھائی ندی کے جنُوب میں ہے ۔ پِھر وہ حد عین شمس کے چشموں کے پاس ہو کر عین راجِل پُہنچی۔

8 پِھر وُہی حد ہِنُّوم کے بیٹے کی وادی میں سے ہو کر یبوسیوں کی بستی کے جنُوب کو گئی ۔ یروشلِیم وُہی ہے اور وہاں سے اُس پہاڑ کی چوٹی کو جا نِکلی جو وادیِ ہِنُّوم کے مُقابِل مغرِب کی طرف اور رفائِیم کی وادی کے شِمالی اِنتہائی حِصّہ میں واقِع ہے۔

9 پھِر وُہی حد پہاڑ کی چوٹی سے آبِ نفتو ح کے چشمہ کو گئی اور وہاں سے کوہِ عفرو ن کے شہروں کے پاس جا نِکلی اور اُدھر سے بعلہ تک جو قریت یعرِیم ہے پُہنچی۔

10 اور بعلہ سے ہو کر مغرِب کی سِمت کوہِ شعیر کو پِھری اور کوہِ یعرِیم کے جو کسلُو ن بھی کہلاتا ہے شِمالی دامن کے پاس سے گُذر کر بَیت شمس کی طرف اُترتی ہُوئی تِمنہ کو گئی۔

11 اور وہاں سے وہ حد عقروُ ن کے شِمال کو جا نِکلی ۔ پِھر وہ سِکرُو ن سے ہو کر کوہِ بعلہ کے پاس سے گُذرتی ہُوئی یبنی ایل پر جا نِکلی اور اِس حد کا خاتِمہ سمُندر پر ہُؤا۔

12 اور مغرِبی سرحدبڑا سمُندر اور اُس کا ساحِل تھا ۔

بنی یہُوداہ کی چاروں طرف کی حد اُن کے گھرانوں کے مُطابِق یِہی ہے۔

کالِب حبرُون اور دبِیر کو فتح کرتا ہے

13 اور یشُوع نے اُس حُکم کے مُطابِق جو خُداوند نے اُسے دِیا تھا یُفنّہ کے بیٹے کالِب کو بنی یہُوداہ کے درمِیان عناق کے باپ اربع کا شہر قریت اربع جو حبرُو ن ہے حِصّہ دِیا۔

14 سو کالِب نے وہاں سے عنا ق کے تِینوں بیٹوں یعنی سیسی اور اخِیما ن اور تلمی کو جو بنی عناق ہیں نِکال دِیا۔

15 اور وہ وہاں سے دبِیر کے باشِندوں پر چڑھ گیا ۔ دبِیر کا قدِیمی نام قریت سِفر تھا۔

16 اور کالِب نے کہا جو کوئی قریت سِفر کو مار کراُس کو سر کر لے اُسے مَیں اپنی بیٹی عکسہ بیاہ دُوں گا۔

17 تب کالِب کے بھائی قنز کے بیٹے غتنی ایل نے اُس کو سر کر لِیا ۔ سو اُس نے اپنی بیٹی عکسہ اُسے بیاہ دی۔

18 جب وہ اُس کے پاس آئی تو اُس نے اُس آدمی کو اُبھارا کہ وہ اُس کے باپ سے ایک کھیت مانگے۔ سو وہ اپنے گدھے پر سے اُتر پڑی ۔ تب کالِب نے اُس سے کہا تُو کیا چاہتی ہے؟۔

19 اُس نے کہا مُجھے برکت دے کیونکہ تُو نے جنُوب کے مُلک میں کُچھ زمِین مُجھے عِنایت کی ہے ۔ سو مُجھے پانی کے چشمے بھی دے ۔ تب اُس نے اُسے اُوپر کے چشمے اور نِیچے کے چشمے عِنایت کِئے۔

یہُودا ہ کے شہر

20 بنی یہُوداہ کے قبِیلہ کی مِیراث اُن کے گھرانوں کے مُطابِق یہ ہے۔

21 اور ادُو م کی سرحد کی طرف جنُوب میں بنی یہُوداہ کے اِنتہائی شہر یہ ہیں۔قبضی ایل اور عیدر اور یجُور۔

22 اور قینہ اور دَیمو نہ اور عدعد ہ۔

23 اور قادِ س اور حصُور اور اتنان۔

24 زِیف اور تلم اور بعلو ت۔

25 اور حصُور اور حدتہ اور قریت حصرو ن جو حصُور ہے۔

26 اور امام اور سمع اور مولادہ۔

27 اور حصار جدّہ اور حِشمو ن اور بَیت فلط۔

28 اور حصرسوعا ل اوربیرسِبع اور بزیو تیاہ۔

29 بعلہ اور عِیِّیم اور عضم۔

30 اور اِلتولد اور کسِیل اور حُرمہ۔

31 اور صِقلاج اور مدمنّہ اور سنسنّا ہ۔

32 اور لباؤت اور سِلحِیم اور عَین اور رِمّون ۔ یہ سب اُنتِیس شہر ہیں اور اِن کے گاؤں بھی ہیں۔

33 اور نشیب کی زمِین میں اِستا ل اور صُرعاہ اور اسناہ۔

34 اور زنُو ح اور عین جنِیّم ۔ تفُّو ح اور عَینا م۔

35 یرموت اور عدُلاّم ۔ شوکہ اور عزِیقہ۔

36 اور شعریم اور عدِیتیم اور جدِیر ہ اور جدیرتِیم ۔ یہ چَودہ شہر ہیں اور اِن کے گاؤں بھی ہیں۔

37 ضِنان اور حداشہ اور مِجد ل جد۔

38 اور دِلعا ن اور مِصفا ہ اور یقتی ایل۔

39 لکِیس اور بُصقت اور عجلُو ن۔

40 اور کبُّون اور لحما م اور کِتلِیس۔

41 اور جدِیرو ت اور بَیت د جون اور نعمہ اور مقّیدہ ۔ یہ سولہ شہر ہیں اور اِن کے گاؤں بھی ہیں۔

42 لِبناہ اور عتر اور عسن۔

43 اور یِفتا ح اور اسنہ اور نصِیب۔

44 اور قعِیلہ اور اکزِیب اور مریسہ ۔ یہ نَو شہر ہیں اور اِن کے گاؤں بھی ہیں۔

45 عقرُو ن اور اُس کے قصبے اور گاؤں۔

46 عقرُو ن سے سمُندر تک اشدُود کے پاس کے سب شہر اور اُن کے گاؤں۔

47 اشدُود اپنے شہروں اور گاؤں سمیت اور غَزّہ اپنے شہروں اور گاؤں سمیت مِصر کی ندی اور بڑے سمُندر اور اُس کے ساحِل تک۔

48 اور کوہِستانی مُلک میں سمِیر اور یتِیر اور شو کہ۔

49 اور دنّاہ اور قریت سنّہ جو دبِیر ہے۔

50 اور عناب اور اِستموہ اور عنِیم۔

51 اور جشن اور حولُون اور جِلوہ یہ گیارہ شہر ہیں اور اِن کے گاؤں بھی ہیں۔

52 اراب اور دوماہ اور اشعان۔

53 اور ینیِم اور بَیت تفو ح اور افیقہ۔

54 اور حُمطہ اور قریت اربع جو حبرُو ن ہے اور صیعُور ۔ یہ نَو شہر ہیں اور اِن کے گاؤں بھی ہیں۔

55 معُون ۔ کرمِل اور زِیف اور یُوطّہ۔

56 اوریزرعیل اور یقدِعا م اور زنُو ح۔

57 قین۔ جِبعہ اور تِمنہ ۔ یہ دس شہر ہیں اور اِن کے گاؤں بھی ہیں۔

58 حلحُو ل اور بَیت صُور اور جدُور۔

59 اور معرات اور بَیت عنو ت اور اِلتقو ن ۔ یہ چھ شہر ہیں اور اِن کے گاؤں بھی ہیں۔ ٍ

60 قریت بعل جو قریت یعرِ یم ہے اور ر بّہ یہ دو شہر ہیں اور اِن کے گاؤں بھی ہیں۔

61 اور بیابان میں بَیت عرابہ اور مِدّین اور سکا کہ۔

62 اور نِبسا ن اور نمک کا شہر اور عین جدی ۔ یہ چھ شہر ہیں اور اِن کے گاؤں بھی ہیں۔

63 اور یبوسیوں کو جو یروشلِیم کے باشِندے تھے بنی یہُوداہ نِکال نہ سکے ۔ سو یبوسی بنی یہُوداہ کے ساتھ آج کے دِن تک یروشلِیم میں بسے ہُوئے ہیں۔

یشُوع 16

عِلاقہ جو افرائِیم کے قبِیلہ کو دِیا گیا اور مغرِب میں منسّی کے قبِیلہ کو دِیا گیا

1 اور بنی یُوسف کا حِصّہ قُرعہ ڈال کر یرِیحُو کے پاس کے یَردن سے شرُوع ہُؤا یعنی مشرِق کی طرف یرِیحُو کے چشمے بلکہ بیابان پڑا ۔ پِھر اُس کی حد یرِیحُو سے کوہِستانی مُلک ہوتی ہُوئی بَیت ایل کو گئی۔

2 پِھر بَیت ایل سے نِکل کر لُوز کو گئی اور اَرکِیوں کی سرحد کے پاس سے گُذرتی ہُوئی عطارا ت پُہنچی۔

3 اور وہاں سے مغرِب کی طرف یفلِیطِیوں کی سرحد سے ہوتی ہُوئی نِیچے کے بَیت حَورُو ن بلکہ جزر کو نِکل گئی اور اُس کا خاتِمہ سمُندر پر ہُؤا۔

4 پس بنی یُوسف یعنی منسّی اور افرائِیم نے اپنی اپنی مِیراث پر قبضہ کِیا۔

افرائیم کا عِلاقہ

5 اور بنی افرائِیم کی سرحد اُن کے گھرانوں کے مُطابِق یہ تھی ۔ مشرِق کی طرف اُوپر کے بَیت حَورُو ن تک عطارا ت اداراُن کی حد ٹھہری۔

6 اور شِمال کی طرف وہ حد مغرِب کے مکمتاہ ہوتی ہُوئی مشرِق کی طرف تانت سَیلا کو مُڑی اور وہاں سے ینُوحا ہ کے مشرِق کو گئی۔

7 اور ینُوحا ہ سے عطارا ت اور نعراتہ ہوتی ہُوئی یرِیحُو پُہنچی اور پِھر یَرد ن کو جا نِکلی۔

8 اور وہ حد تفُّو ح سے نِکل کر مغرِب کی طرف قاناہ کے نالے کو گئی اور اُس کا خاتِمہ سمُندر پر ہُؤا ۔ بنی افرائِیم کے قبِیلہ کی مِیراث اُن کے گھرانوں کے مُطابِق یِہی ہے۔

9 اور اِس کے ساتھ بنی افرائِیم کے لِئے بنی منسّی کی مِیراث میں بھی شہر الگ کِئے گئے اور اُن سب شہروں کے ساتھ اُن کے گاؤں بھی تھے۔

10 اور اُنہوں نے کنعانیوں کو جو جزر میں رہتے تھے نہ نِکالا بلکہ وہ کنعانی آج کے دِن تک افرائِیمِیوں میں بسے ہُوئے ہیں اور خادِم بن کر بیگار کا کام کرتے ہیں۔

یشُوع 17

مغرِب میں منّسی کا عِلاقہ

1 اور منسّی کے قبِیلہ کا حِصّہ قُرعہ ڈال کر یہ ٹھہراکیونکہ وہ یُوسف کا پہلوٹھا تھا اور چُونکہ منسّی کا پہلوٹھا بیٹا مکِیر جو جِلعاد کا باپ تھا جنگی مَرد تھا اِس لِئے اُس کو جِلعاد اور بسن مِلے۔

2 سو یہ حِصّہ بنی منسّی کے باقی لوگوں کے لِئے اُن کے گھرانوں کے مُطابِق تھا یعنی بنی اَبِیعزر اور بنی خلق اور بنی اسری ایل اور بنی سِکم اور بنی حِفر اور بنی سمیدع کے لِئے ۔ یُوسف کے بیٹے منسّی کے فرزندِ نرِینہ اپنے اپنے گھرانے کے مُطابِق یِہی تھے۔

3 اور صلافِحاد بِن حِفر بِن جِلعاد بِن مکِیر بِن منسّی کے بیٹے نہیں بلکہ بیٹِیاں تِھیں اور اُس کی بیٹِیوں کے نام یہ ہیں محلاہ اور نُوعاہ اور حجلاہ اور مِلکاہ اور تِرضاہ۔

4 سو وہ الِیعزر کاہِن اور نُون کے بیٹے یشُوع اور سرداروں کے آگے آ کر کہنے لگِیں کہ خُداوند نے مُوسیٰ کو حُکم دِیا تھا کہ وہ ہم کو ہمارے بھائِیوں کے درمِیان مِیراث دے چُنانچہ خُداوند کے حُکم کے مُطابِق اُس نے اُن کے باپ کے بھائیوں کے درمِیان اُن کو مِیراث دی۔

5 سو منسّی کو جِلعاد اور بسن کے مُلک کو چھوڑ کر جو یَردن کے اُس پار ہے دس حِصّے اَور مِلے۔

6 کیونکہ منسّی کی بیٹِیوں نے بھی بیٹوں کے ساتھ مِیراث پائی اور منسّی کے باقی بیٹوں کو جِلعاد کا مُلک مِلا۔

7 اور آشر سے لے کر مِکمتا ہ تک جو سِکم کے مُقابِل ہے منسّی کی حد تھی اور وُہی حد دہنے ہاتھ پر عین تفُّو ح کے باشِندوں تک چلی گئی۔

8 یُوں تفُّو ح کی زمِین تو منسّی کی ہُوئی پرتفُّو ح شہر جو منسّی کی سرحد پر تھا بنی افرائِیم کا حِصّہ ٹھہرا۔

9 پِھر وہاں سے وہ حد قاناہ کے نالے کو اُتر کر اُس کے جنُوب کی طرف پُہنچی ۔ یہ شہر جو منسّی کے شہروں کے درمِیان ہیں افرائِیم کے ٹھہرے اور منسّی کی حد اُس نالے کے شِمال کی طرف سے ہو کر سمُندر پر ختم ہُوئی۔

10 سو جنُوب کی طرف افرائِیم کی اور شِمال کی طرف منسّی کی مِیراث پڑی اور اُس کی سرحد سمُندر تھی ۔ یُوں وہ دونوں شِمال کی طرف آشر سے اور مشرِق کی طرف اِشکار سے جا مِلیں۔

11 اور اِشکار اور آشر کی حد میں بَیت شان اور اُس کے قصبے اور اِبلیعا م اور اُس کے قصبے اور اہلِ دور اور اُس کے قصبے اور اہلِ عین د ور اور اُس کے قصبے اور اہلِ تعناک اور اُس کے قصبے اور اہلِ مجِدّو اور اُس کے قصبے بلکہ تِینوں مُرتفع مقامات منسّی کو مِلے۔

12 تَو بھی بنی منسّی اُن شہروں کے رہنے والوں کو نِکال نہ سکے بلکہ اُس مُلک میں کنعانی بسے ہی رہے۔

13 اور جب بنی اِسرائیل زورآور ہو گئے تو اُنہوں نے کنعانیوں سے بیگار کا کام لِیا اور اُن کو بِالکُل نِکال باہر نہ کِیا۔

افرائِیم اورمنّسی کے قبِیلوں نے درخواست کی کہ ہمیں زیادہ علاقہ دِیا جائے

14 اور بنی یُوسف نے یشُوع سے کہا کہ تُو نے کیوں قُرعہ ڈال کر ہم کو فقط ایک ہی حِصّہ مِیراث کے لِئے دِیا اگرچہ ہم بڑی قَوم ہیں کیونکہ خُداوند نے ہم کو برکت دی ہے؟۔

15 یشُوع نے اُن کو جواب دِیا کہ اگر تُم بڑی قَوم ہو تو جنگل میں جاؤ اور وہاں فرزّیوں اور رفائِیم کے مُلک کو اپنے لِئے کاٹ کر صاف کر لو کیونکہ افرائِیم کا کوہِستانی مُلک تُمہارے لِئے بُہت تنگ ہے۔

16 بنی یُوسف نے کہا کہ یہ کوہِستانی مُلک ہمارے لِئے کافی نہیں ہے اور سب کنعانیوں کے پاس جو نشیب کے مُلک میں رہتے ہیں یعنی وہ جو بَیت شا ن اور اُس کے قصبوں میں اور وہ جو یِزرعیل کی وادی میں رہتے ہیں دونوں کے پاس لوہے کے رتھ ہیں۔

17 یشُوع نے بنی یُوسف یعنی افرائِیم اور منسّی سے کہا کہ تُم بڑی قَوم ہو اور بڑا زور رکھتے ہو ۔ سو تُمہارے لِئے فقط ایک ہی حِصّہ نہ ہو گا۔

18 بلکہ یہ کوہِستانی مُلک بھی تُمہارا ہو گا کیونکہ اگرچہ وہ جنگل ہے تُم اُسے کاٹ کر صاف کر ڈالنا اور اُس کے مخارِج بھی تُمہارے ہی ٹھہریں گے کیونکہ تُم کنعانیوں کو نِکال دو گے اگرچہ اُن کے پاس لوہے کے رتھ ہیں اور وہ زورآور بھی ہیں۔

یشُوع 18

باقی سرزمِین کی تقسِیم

1 اور بنی اِسرائیل کی ساری جماعت نے سیَلا میں جمع ہو کر خَیمۂِ اِجتماع کو وہاں کھڑا کِیا اور وہ مُلک اُن کے آگے مغلُوب ہو چُکا تھا۔

2 اور بنی اِسرائیل میں سات قبِیلے اَیسے رہ گئے تھے جِن کی مِیراث اُن کو تقسِیم ہونے نہ پائی تھی۔

3 اور یشُوع نے بنی اِسرائیل سے کہا کہ تُم کب تک اُس مُلک پر قبضہ کرنے میں جو خُداوند تُمہارے باپ دادا کے خُدا نے تُم کو دِیا ہے سُستی کرو گے؟۔

4 سو تُم اپنے لِئے ہر قبِیلہ میں سے تِین شخص چُن لو ۔ مَیں اُن کو بھیجُوں گا اور وہ جا کر اُس مُلک میں سَیر کریں گے اور اپنی اپنی مِیراث کے مُوافِق اُس کا حال لِکھ کر میرے پاس آئیں گے۔

5 وہ اُس کے سات حِصّے کریں گے ۔ یہُوداہ اپنی سرحد میں جنُوب کی طرف اور یُوسف کا خاندان اپنی سرحد میں شِمال کی طرف رہے گا۔

6 سو تُم اُس مُلک کے سات حِصّے لِکھ کر میرے پاس یہاں لاؤ تاکہ مَیں خُداوند کے آگے جو ہمارا خُدا ہے تُمہارے لِئے قُرعہ ڈالُوں۔

7 کیونکہ تُمہارے درمِیان لاویوں کا کوئی حِصّہ نہیں اِس لِئے کہ خُداوند کی کہانت اُن کی مِیراث ہے اور جد اور رُوبِن اور منسّی کے آدھے قبِیلہ کو یَردن کے اُس پار مشرِق کی طرف مِیراث مِل چُکی ہے جِسے خُداوند کے بندہ مُوسیٰ نے اُن کو دِیا۔

8 پس وہ مَرد اُٹھ کر روانہ ہُوئے اور یشُوع نے اُن کو جو اُس مُلک کا حال لِکھنے کے لِئے گئے تاکِید کی کہ تُم جا کر اُس مُلک میں سَیر کرو اور اُس کا حال لِکھ کر پِھر میرے پاس آؤ اور مَیں سَیلا میں خُداوند کے آگے تُمہارے لِئے قُرعہ ڈالُوں گا۔

9 چُنانچہ اُنہوں نے جاکر اُس مُلک میں سَیر کی اور شہروں کے سات حِصّے کر کے اُن کا حال کِتاب میں لِکھا اور سَیلا کی خَیمہ گاہ میں یشُوع کے پاس لَوٹے۔

10 تب یشُوع نے سَیلا میں اُن کے لِئے خُداوند کے حضُور قُرعہ ڈالا اور وہِیں یشُوع نے اُس مُلک کو بنی اِسرائیل کی تقسِیموں کے مُطابِق اُن کو بانٹ دِیا۔

عِلاقہ جو بِنیمیِن کے قبِیلہ کو دِیا گیا

11 اور بنی بِنیمِین کے قبِیلہ کا قُرعہ اُن کے گھرانوں کے مُطابِق نِکلا اور اُن کے حِصّہ کی حدبنی یہُوداہ اور بنی یُوسف کے درمِیان پڑی۔

12 سو اُن کی شِمالی حد یَردن سے شرُوع ہُوئی اور یہ حد یرِیحُو کے پاس سے شِمال کی طرف گُذر کر کوہِستانی مُلک سے ہوتی ہُوئی مغرِب کی طرف بَیت آون کے بیابان تک پُہنچی۔

13 اور وہ حد وہاں سے لُوز کو جوبَیت ایل ہے گئی اور لُوز کے جنُوب سے اُس پہاڑ کے برابر ہوتی ہُوئی جو نِیچے کے بَیت حورُو ن کے جنُوب میں ہےعطارات ادار کو جا نِکلی۔

14 اور وہ مغرِب کی طرف سے مُڑ کر جنُوب کو جُھکی اور بَیت حورُو ن کے سامنے کے پہاڑ سے ہوتی ہُوئی جنُوب کی طرف بنی یہُوداہ کے ایک شہر قریتِ بعل تک جو قریت یعر یم ہے چلی گئی ۔ یہ مغرِبی حِصّہ تھا۔

15 اور جنُوبی حد قریت یعرِ یم کی اِنتِہا سے شرُوع ہُوئی اور وہ حد مغرِب کی طرف آبِ نفتوح کے چشمہ تک چلی گئی۔

16 اور وہاں سے وہ حد اُس پہاڑ کے سِرے تک جو ہِنّوم کے بیٹے کی وادی کے سامنے ہے گئی ۔ یہ رفائِیم کی وادی کے شِمال میں ہے اور پِھر وہاں سے جنُوب کی طرف ہِنّوم کی وادی اور یبُوسِیوں کے برابر سے گُذرتی ہُوئی عین راجِل پُہنچی۔

17 وہاں سے وہ شِمال کی طرف مُڑ کر اور عَین شمس سے گُذرتی ہُوئی جلِیلوت کو گئی جو ادُمیّم کی چڑھائی کے مُقابِل ہے اور وہاں سے رُوبِن کے بیٹے بوہَن کے پتّھر تک پُہنچی۔

18 اور پھر شِمال کو جا کر مَیدان کے مُقابِل کے رُخ سے نِکلتی ہُوئی مَیدان ہی میں جا اُتری۔

19 پِھر وہ حد وہاں سے بَیت حُجلہ کے شِمالی پہلُو تک پُہنچی اور اُس حد کا خاتِمہ دریایِ شور کی شِمالی کھاڑی پر ہُؤا جو یَردن کے جنُوبی سِرے پر ہے ۔ یہ جنُوب کی حد تھی۔

20 اور اُس کی مشرِقی سِمت کی حد یَردن ٹھہرا ۔ بنی بِنیمِین کی مِیراث اُن کی چَوگِرد کی حدّوں کے اِعتبار سے اور اُن کے گھرانوں کے مُوافِق یہ تھی۔

21 اور بنی بِنیمِین کے قبِیلہ کے شہر اُن کے گھرانوں کے مُوافِق یہ تھے ۔ یرِیحُو اور بَیت حُجلہ اور عیمق قصیص۔

22 اور بَیت عرابہ اور صمریم اور بَیت ا یل۔

23 اور عوّیم اور فارہ اور عُفرہ۔

24 اور کفَرالعمُّو نی اور عُفنی اور جِبع ۔ یہ بارہ شہر تھے اور اِن کے گاؤں بھی تھے۔

25 اور جِبعو ن اور رامہ اور بیرو ت۔

26 مِصفاہ اور کفِیر ہ اور موضہ۔

27 اور رقم اور ارفیل اور ترا لہ۔

28 اور ضِلع الف اور یبُوسِیوں کا شہر جو یروشلِیم ہے اور جِبعت اور قر یت ۔ یہ چَودہ شہر ہیں اور اِن کے گاؤں بھی ہیں ۔ بنی بِنیمِین کی مِیراث اُن کے گھرانوں کے مُوافِق یہ ہے۔

یشُوع 19

عِلاقہ جوشمعُون کے قبِیلہ کو دِیا گیا

1 اور دُوسرا قُرعہ شمعُو ن کے نام پر بنی شمعُون کے قبِیلہ کے واسطے اُن کے گھرانوں کے مُوافِق نِکلا اور اُن کی مِیراث بنی یہُوداہ کی مِیراث کے درمِیان تھی۔

2 اور اُن کی مِیراث میں بیرسِبع یا سبع تھا اور مولاد ہ۔

3 اور حصارسعو ل اور بالا ہ اور عضم۔

4 اور التولد اور بتُول اور حُرمہ۔

5 اور صِقلاج اور بَیت مرکبو ت اور حصار سُوسہ۔

6 اور بَیت لِباؤ ت اور ساروحن ۔ یہ تیرہ شہر تھے اور اِن کے گاؤں بھی تھے۔

7 عَین اور رِمّون اور عتر اور عسن ۔ یہ چار شہر تھے اور اِن کے گاؤں بھی تھے۔

8 اور وہ سب گاؤں بھی اِن کے تھے جو اِن شہروں کے آس پاس بعلات بیر یعنی جنُوب کے رامہ تک ہیں ۔ بنی شمعُون کے قبِیلہ کی مِیراث اُن کے گھرانوں کے مُوافِق یہ ٹھہری۔

9 بنی یہُوداہ کی مِلکِیّت میں سے بنی شمعُون کی مِیراث لی گئی کیونکہ بنی یہُوداہ کا حِصّہ اُن کے واسطے بُہت زِیادہ تھا ۔ اِس لِئے بنی شمعُون کو اُن کی مِیراث کے درمِیان مِیراث مِلی۔

عِلاقہ جوزبُولُون کے قبِیلہ کو دِیا گیا

10 اور تِیسرا قُرعہ بنی زبُولُون کا اُن کے گھرانوں کے مُوافِق نِکلا اور اُن کی مِیراث کی حد سارِید تک تھی۔

11 اور اُن کی حد مغرِب کی طرف مرعلہ ہوتی ہُوئی دبّاست تک گئی اور اُس ندی سے جو یُقنِعام کے آگے ہے جامِلی۔

12 اور سارِید سے مشرِق کی طرف مُڑ کر وہ کِسلو ت تبُور کی سرحد کو گئی اور وہاں سے دبرت ہوتی ہُوئی یفیعِ کو جا نِکلی۔

13 اور وہاں سے مشرِق کی طرف جتہ حیفر اور عِتّہ قا ضِین سے گُذرتی ہُوئی رِمّوُن کو گئی جو نِیعہ تک پَھیلا ہُؤا ہے۔

14 اور وہ حد اُس کے شِمال سے مُڑ کر حنّاتو ن کو گئی اور اُس کا خاتِمہ اِفتاح ایل کی وادی پر ہُؤا۔

15 اور قطّات اور نحلا ل اورسِمرو ن اور ادالہ اور بَیت لحم ۔ یہ بارہ شہر اور اِن کے گاؤں اِن لوگوں کے ٹھہرے۔

16 یہ سب شہر اور اِن کے گاؤں بنی زبُولُون کے گھرانوں کے مُوافِق اُن کی مِیراث ہے۔

عِلاقہ جواِشکار کے قبِیلہ کو دِیا گیا

17 اور چَوتھا قُرعہ اِشکار کے نام پر بنی اِشکار کے لِئے اُن کے گھرانوں کے مُوافِق نِکلا۔

18 اور اُن کی حد یِزرعیل اور کِسُولو ت اور شُونِیم۔

19 اور حفارِیم اور شیُون اور اناخرا ت۔

20 اور ربَیت اور قِسیون اور اِبض۔

21 اور ریِمت اور عَین جنِّیم اور عَین حدّہ اور بَیت فصیص تک تھی۔

22 اور وہ حد تبُور اور شخصِیماہ اور بَیت شمس سے جا مِلی اور اُن کی حد کا خاتِمہ یَردن پر ہُؤا ۔ یہ سولہ شہر تھے اور اِن کے گاؤں بھی تھے۔

23 یہ شہر اور اِن کے گاؤں بنی اِشکار کے گھرانوں کے مُوافِق اُن کی مِیراث ہے۔

عِلاقہ جوآشر کے قبِیلہ کو دِیا گیا

24 اور پانچواں قُرعہ بنی آشرکے قبِیلہ کے لِئے اُن کے گھرانوں کے مُوافِق نِکلا۔

25 اور خِلقت اور حلی اور بطن اور اکشا ف۔

26 اور اُلمّلک اور عماد اور مِسال اُن کی حد ٹھہرے اور مغرِب کی طرف وہ کرمِل اور سِیُحور لِبنات تک پُہنچی۔

27 اور وہ مشرِق کی طرف مُڑ کر بَیت دجو ن کو گئی اور پِھر زبُولُون تک اور وادیِ اِفتاح ایل کے شِمال سے ہو کر بَیت ا لعمق اور نفی ایل تک پُہنچی اور پِھر کبُو ل کے بائیں کو گئی۔

28 اور عبرُو ن اور رحوب اور حمّون اور قاناہ بلکہ بڑے صَیدا تک پُہنچی۔

29 پِھر وہ حدّ رامہ ضُور کے فصِیل دار شہر کی طرف کو جُھکی اور وہاں سے مُڑ کر حوسہ تک گئی اور اُس کا خاتِمہ اَکزِیب کی نواحی کے سمُندر پر ہُؤا۔

30 اور عُمّہ اور اِفیق اور رحو ب بھی اِن کو مِلے۔ یہ بائِیس شہر تھے اور اِن کے گاؤں بھی تھے۔

31 بنی آشر کے قبِیلہ کی مِیراث اُن کے گھرانوں کے مُوافِق یہ شہر اور اِن کے گاؤں تھے۔

عِلاقہ جونفتالی کے قبِیلہ کو دِیا گیا

32 چھٹا قُرعہ بنی نفتالی کے نام پر بنی نفتالی کے قبِیلہ کے لِئے اُن کے گھرانوں کے مُوافِق نِکلا۔

33 اور اُن کی سرحد حلف سے اور ضعننّیِم کے بلُوط سے ادامی نقب اور یبنی ایل ہوتی ہُوئی لقُوم تک تھی اور اُس کا خاتِمہ یَردن پر ہُؤا۔

34 اور وہ حدمغرِب کی طرف مُڑ کر ازنُوت تبُور سے گُذرتی ہُوئی حُقّوق کو گئی اور جنُوب میں زبُولُون تک اور مغرِب میں آشر تک اور مشرِق میں یہُوداہ کے حِصّہ کے یَردن تک پُہنچی۔

35 اور فصِیل دار شہر یہ ہیں یعنی صِدّیم اور صیر اور حمّات اور رقّت اور کِنّرت۔

36 اور ادامہ اور رامہ اور حصُور۔

37 اور قادِ س اور ادرعی اور عَین حصُور۔

38 اور ارون اور مِجدا ل ایل اور حُرِیم اور بَیت عنات اور بَیت شمس ۔ یہ اُنِیس شہر تھے اور اِن کے گاؤں بھی تھے۔

39 یہ شہر اور اِن کے گاؤں بنی نفتالی کے قبِیلہ کے گھرانوں کے مُوافِق اُن کی مِیراث ہے۔

عِلاقہ جودان کے قبِیلہ کو دِیا گیا

40 اور ساتواں قُرعہ بنی دان کے قبِیلہ کے لِئے اُن کے گھرانوں کے مُوافِق نِکلا۔

41 اور اُن کی مِیراث کی حد یہ ہے ۔ صرعاہ اور اِستا ل اور عیرشمس۔

42 اورشعلبِین اور ایّالو ن اور اِتلا ہ۔

43 اور ایلو ن اور تِمناتہ اور عقرُون۔

44 اور اِلِتقیہ اور جِبّتو ن اور بعلات۔

45 اور یہُود اور بنی برق اور جات رِ مّون۔

46 اور مے یرقُو ن اور رِقُّون مع اُس سرحد کے جو یافہ کے مُقابِل ہے۔

47 اور بنی دان کی حد اُن کی اِس حد کے علاوہ بھی تھی کیونکہ بنی دان نے جا کر لشم سے جنگ کی اور اُسے سر کر کے اُس کو تلوار کی دھار سے مارا اور اُس پر قبضہ کر کے وہاں بسے اور اپنے باپ دان کے نام پر لشم کا نام دان رکھّا۔

48 یہ سب شہر اور اِن کے گاؤں بنی دان کے قبِیلہ کے گھرانوں کے مُوافِق اُن کی مِیراث ہے۔

آخِر میں عِلاقے کی خصُوصی تقسِیم

49 پس وہ اُس مُلک کو مِیراث کے لِئے اُس کی سرحدّوں کے مُطابِق تقسِیم کرنے سے فارِغ ہُوئے اور بنی اِسرائیل نے نُون کے بیٹے یشُوع کو اپنے درمِیان مِیراث دی۔

50 اُنہوں نے خُداوند کے حُکم کے مُطابِق وُہی شہر جِسے اُس نے مانگا تھا یعنی افرائِیم کے کوہِستانی مُلک کا تِمنت سرح اُسے دِیا اور وہ اُس شہر کو تعمِیر کر کے اُس میں بس گیا۔

51 یہ وہ مِیراثی حِصّے ہیں جِن کو الِیعزر کاہِن اور نُون کے بیٹے یشُوع اور بنی اِسرائیل کے قبِیلوں کے آبائی خاندانوں کے سرداروں نے سَیلا میں خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر خُداوند کے حضُور قُرعہ ڈال کر مِیراث کے لِئے تقسِیم کِیا ۔ یُوں وہ اُس مُلک کی تقسِیم سے فارِغ ہُوئے۔

یشُوع 20

پناہ کے شہر

1 اور خُداوند نے یشُوع سے کہا کہ۔

2 بنی اِسرائیل سے کہہ کہ اپنے لِئے پناہ کے شہر جِن کی بابت مَیں نے مُوسیٰ کی معرفت تُم کو حُکم کِیا مُقرّر کرو۔

3 تاکہ وہ خُونی جو بُھول سے اور نادانِستہ کِسی کو مار ڈالے وہاں بھاگ جائے اور وہ خُون کے اِنتِقام لینے والے سے تُمہاری پناہ ٹھہریں۔

4 وہ اُن شہروں میں سے کِسی میں بھاگ جائے اور اُس شہر کے دروازہ پر کھڑا ہو کر اُس شہر کے بزُرگوں کو اپنا حال کہہ سُنائے ۔ تب وہ اُسے شہر میں اپنے ہاں لے جا کر کوئی جگہ دیں تاکہ وہ اُن کے درمِیان رہے۔

5 اور اگر خُون کا اِنتِقام لینے والا اُس کا پِیچھا کرے تو وہ اُس خُونی کو اُس کے حوالہ نہ کریں کیونکہ اُس نے اپنے پڑوسی کو نادانِستہ مارا اور پہلے سے اُس کی اُس سے عداوت نہ تھی۔

6 اور وہ جب تک فَیصلہ کے لِئے جماعت کے آگے کھڑا نہ ہو اور اُن دِنوں کا سردار کاہِن مَر نہ جائے تب تک اُسی شہر میں رہے۔ اِس کے بعد وہ خُونی لَوٹ کر اپنے شہر اور اپنے گھر میں یعنی اُسی شہر میں آئے جہاں سے وہ بھاگا تھا۔

7 پس اُنہوں نے نفتالی کے کوہِستانی مُلک میں جلِیل کے قادِس کو اور افرائِیم کے کوہِستانی مُلک میں سِکم کو اور یہُودا ہ کے کوہِستانی مُلک میں قریت ا ربع کو جو حبرُو ن ہے الگ کِیا۔

8 اور یرِیحُو کے پاس کے یَردن کے مشرِق کی طرف رُوبِن کے قبِیلہ کے مَیدان میں بصر کو جو بیابان میں ہے اور جد کے قبِیلہ کے حِصّہ میں رامہ کو جو جِلعاد میں ہے اور منسّی کے قبِیلہ کے حِصّہ میں جولا ن کو جو بسن میں ہے مُقرّر کِیا۔

9 یِہی وہ شہر ہیں جو سب بنی اِسرائیل اور اُن مُسافِروں کے لِئے جو اُن کے درمِیان بستے ہیں اِس لِئے ٹھہرائے گئے کہ جو کوئی نادانِستہ کِسی کو قتل کرے وہ وہاں بھاگ جائے اور جب تک وہ جماعت کے آگے کھڑا نہ ہو تب تک خُون کے اِنتِقام لینے والے کے ہاتھ سے مارا نہ جائے۔

یشُوع 21

لاویوں کے شہر

1 تب لاویوں کے آبائی خاندانوں کے سردار الِیعزر کا ہِن اور نُون کے بیٹے یشُوع اور بنی اِسرائیل کے قبِیلوں کے آبائی خاندانوں کے سرداروں کے پاس آئے۔

2 اور مُلکِ کنعان کے سَیلا میں اُن سے کہنے لگے کہ خُداوند نے مُوسیٰ کی معرفت ہمارے رہنے کے لِئے شہر اور ہمارے چَوپایوں کے لِئے اُن کی نواحی کے دینے کا حُکم کِیا تھا۔

3 سو بنی اِسرائیل نے اپنی اپنی مِیراث میں سے خُداوند کے حُکم کے مُطابِق یہ شہر اور اِن کی نواحی لاویوں کو دِیں۔

4 اور قُرعہ قہاتِیوں کے گھرانوں کے نام پر نِکلا اور ہارُو ن کاہِن کی اَولاد کو جو لاویوں میں سے تھی قُرعہ سے یہُوداہ کے قبِیلہ اور شمعُو ن کے قبِیلہ اور بِنیمِین کے قبِیلہ میں سے تیرہ شہر مِلے۔

5 اور باقی بنی قہات کو افرائِیم کے قبِیلہ کے گھرانوں اور دان کے قبِیلہ اور منسّی کے آدھے قبِیلہ میں سے دس شہر قُرعہ سے مِلے۔

6 اور بنی جَیرسون کو اِشکار کے قبِیلہ کے گھرانوں اور آشر کے قبِیلہ اور نفتا لی کے قبِیلہ اور منسّی کے آدھے قبِیلہ میں سے جو بسن میں ہے تیرہ شہر قُرعہ سے مِلے۔

7 اور بنی مراری کو اُن کے گھرانوں کے مُطابِق رُوبِن کے قبِیلہ اور جد کے قبِیلہ اور زبُولُون کے قبِیلہ میں سے بارہ شہر مِلے۔

8 اور بنی اِسرائیل نے قُرعہ ڈال کر اِن شہروں اور اِن کی نواحی کو جَیسا خُداوند نے مُوسیٰ کی معرفت فرمایا تھا لاویوں کو دِیا۔

9 اُنہوں نے بنی یہُوداہ کے قبِیلہ اور بنی شمعُون کے قبِیلہ میں سے یہ شہر دِئے جِن کے نام یہاں مذکُور ہیں۔

10 اور یہ قہاتِیوں کے خاندانوں میں سے جو لاو ی کی نسل میں سے تھے بنی ہارُون کو مِلے کیونکہ پہلا قُرعہ اُن کے نام کا تھا۔

11 سو اُنہوں نے یہُوداہ کے کوہِستانی مُلک میں عناق کے باپ اربع کا شہر قریت ا ربع جو حبرُو ن کہلاتا ہے مع اُس کی نواحی کے اُن کو دِیا۔

12 لیکن اُس شہر کے کھیتوں اور گاؤں کو اُنہوں نے یُفنّہ کے بیٹے کالِب کو مِیراث کے طَور پر دِیا۔

13 سو اُنہوں نے ہارُو ن کاہِن کی اَولاد کو حبُرو ن جو خُونی کی پناہ کا شہر تھا اور اُس کی نواحی اور لِبناہ اور اُس کی نواحی۔

14 اور یتِیر اور اُس کی نواحی اور اِستِمو ع اور اُس کی نواحی۔

15 اور حولو ن اور اُس کی نواحی اور دبِیر اور اُس کی نواحی۔

16 اور عَین اور اُس کی نواحی اور یُوطہ اور اُس کی نواحی اور بَیت شمس اور اُس کی نواحی یعنی یہ نَو شہر اُن دونوں قبِیلوں سے لے کر دِئے۔

17 اور بِنیمِین کے قبِیلہ سے جِبعو ن اور اُس کی نواحی اور جِبع اور اُس کی نواحی۔

18 اور عنتوت اور اُس کی نواحی اور علمو ن اور اُس کی نواحی ۔ یہ چار شہر دِئے گئے۔

19 سو بنی ہارُون کے جو کاہِن ہیں سب شہر تیرہ تھے جِن کے ساتھ اُن کی نواحی بھی تھی۔

20 اور بنی قہات کے گھرانوں کو جو لاوی تھے یعنی باقی بنی قہات کو افرا ئِیم کے قبِیلہ سے یہ شہر قُرعہ سے مِلے۔

21 اور اُنہوں نے افرائِیم کے کوہِستانی مُلک میں اُن کو سِکم شہر اور اُس کی نواحی تو خُونی کی پناہ کے لِئے اور جزر اور اُس کی نواحی۔

22 اور قبِضَیم اور اُس کی نواحی اور بَیت حورُو ن اور اُس کی نواحی یہ چار شہر دِئے۔

23 اور دان کے قبِیلہ سے اِلتِقیہ اور اُس کی نواحی اور جِبّتُون اور اُس کی نواحی۔

24 اور ایّالو ن اور اُس کی نواحی اور جات رِمّون اور اُس کی نواحی ۔ یہ چار شہر دِئے۔

25 اور منسّی کے آدھے قبِیلہ سے تعناک اور اُس کی نواحی اور جات رِ مّون اور اُس کی نواحی ۔ یہ دو شہر دِئے۔

26 باقی بنی قہات کے گھرانوں کے سب شہر اپنی اپنی نواحی سمیت دس تھے۔

27 اور بنی جَیرسون کو جو لاویوں کے گھرانوں میں سے ہیں منسّی کے دُوسرے آدھے قبِیلہ میں سے اُنہوں نے بسن میں جولان اور اُس کی نواحی تو خُونی کی پناہ کے لِئے اور بعِسترا ہ اور اُس کی نواحی یہ دو شہر دِئے۔

28 اور اِشکار کے قبِیلہ سے قِسیُون اور اُس کی نواحی اور دبر ت اور اُس کی نواحی۔

29 یرمو ت اور اُس کی نواحی اور عَین جنیِّم اور اُس کی نواحی ۔ یہ چار شہر دِئے۔

30 اور آشر کے قبِیلہ سے مسا ل اور اُس کی نواحی اور عبدو ن اور اُس کی نواحی۔

31 خِلقت اور اُس کی نواحی اور رحوب اور اُس کی نواحی ۔ یہ چار شہر دِئے۔

32 اور نفتالی کے قبِیلہ سےجلِیل میں قادِس اور اُس کی نواحی تو خُونی کی پناہ کے لِئے اور حمّات دور اور اُس کی نواحی اور قرتان اور اُس کی نواحی ۔ یہ تِین شہر دِئے۔

33 سو جَیرسونیوں کے گھرانوں کے مُطابِق اُن کے سب شہر اپنی اپنی نواحی سمیت تیرہ تھے۔

34 اور بنی مِراری کے گھرانوں کو جو باقی لاوی تھے زبُولُون کے قبِیلہ سے یقنِعام اور اُس کی نواحی ۔ قرتاہ اور اُس کی نواحی۔

35 دِمنہ اور اُس کی نواحی ۔ نہلا ل اور اُس کی نواحی ۔ یہ چار شہر دِئے۔

36 اور رُوبِن کے قبِیلہ سے بصر اور اُس کی نواحی۔ یہصہ اور اُس کی نواحی۔

37 قَدِیما ت اور اُس کی نواحی اور مفعت اور اُس کی نواحی ۔ یہ چار شہر دِئے۔

38 اور جد کے قبِیلہ سے جِلعاد میں رامہ اور اُس کی نواحی تو خُونی کی پناہ کے لِئے اورمحنایم اور اُس کی نواحی۔

39 حسبو ن اور اُس کی نواحی ۔ یعز یر اور اُس کی نواحی ۔ کُل چار شہر دِئے۔

40 سو یہ سب شہر اُن کے گھرانوں کے مُطابِق بنی مراری کے تھے ۔ جو لاویوں کے گھرانوں کے باقی لوگ تھے اُن کو قُرعہ سے بارہ شہر مِلے۔

41 پس بنی اِسرائیل کی مِلکِیّت کے درمِیان لاویوں کے سب شہر اپنی اپنی نواحی سمیت اڑتالِیس تھے۔

42 اُن شہروں میں سے ہر ایک شہر اپنے گِرد کی نواحی سمیت تھا ۔ سب شہر اَیسے ہی تھے۔

بنی اِسرائیل مُلک پر قبضہ کرتے ہیں

43 یُوں خُداوند نے اِسرائیلِیوں کو وہ سارا مُلک دِیا جِسے اُن کے باپ دادا کو دینے کی قَسم اُس نے کھائی تھی اور وہ اُس پر قابِض ہو کر اُس میں بس گئے۔

44 اور خُداوند نے اُن سب باتوں کے مُطابِق جِن کی قَسم اُس نے اُن کے باپ دادا سے کھائی تھی چاروں طرف سے اُن کو آرام دِیا اور اُن کے سب دُشمنوں میں سے ایک آدمی بھی اُن کے سامنے کھڑا نہ رہا ۔ خُداوند نے اُن کے سب دُشمنوں کو اُن کے قبضہ میں کر دِیا۔

45 اور جِتنی اچّھی باتیں خُداوند نے اِسرا ئیل کے گھرانے سے کہی تِھیں اُن میں سے ایک بھی نہ چُھوٹی ۔ سب کی سب پُوری ہُوئِیں۔

یشُوع 22

یشُوع مشرِقی قبِیلوں کو اُن کے عِلاقوں میں بھیجتا ہے

1 اُس وقت یشُوع نے رُوبِینیوں اور جدّیوں اور منسّی کے آدھے قبِیلہ کو بُلا کر۔

2 اُن سے کہا کہ سب کُچھ جو خُداوند کے بندہ مُوسیٰ نے تُم کو فرمایا تُم نے مانا اور جو کُچھ مَیں نے تُم کو حُکم دِیا اُس میں تُم نے میری بات مانی۔

3 تُم نے اپنے بھائیوں کو اِس مُدّت میں آج کے دِن تک نہیں چھوڑا بلکہ خُداوند اپنے خُدا کے حُکم کی تاکِید پر عمل کِیا۔

4 اور اب خُداوند تُمہارے خُدا نے تُمہارے بھائیوں کو جَیسا اُس نے اُن سے کہا تھا آرام بخشا ہے سو تُم اب لَوٹ کر اپنے اپنے ڈیرے کو اپنی مِیراثی سرزمِین میں جو خُداوند کے بندہ مُوسیٰ نے یَردن کے اُس پار تُم کو دی ہے چلے جاؤ۔

5 فقط اُس فرمان اور شرع پر عمل کرنے کی نِہایت اِحتیاط رکھنا جِس کا حُکم خُداوند کے بندہ مُوسیٰ نے تُم کو دِیا کہ تُم خُداوند اپنے خُدا سے مُحبّت رکھّو اور اُس کی سب راہوں پر چلو اور اُس کے حُکموں کو مانو اور اُس سے لِپٹے رہو اور اپنے سارے دِل اور اپنی ساری جان سے اُس کی بندگی کرو۔

6 اور یشُوع نے برکت دے کر اُن کو رُخصت کِیا اور وہ اپنے اپنے ڈیرے کو چلے گئے۔

7 منسّی کے آدھے قبِیلہ کو تو مُوسیٰ نے بسن میں مِیراث دی تھی لیکن اُس کے دُوسرے آدھے کو یشُوع نے اُن کے بھائیوں کے درمِیان یَردن کے اِس پار مغرِب کی طرف حِصّہ دِیا اور جب یشُوع نے اُن کو رُخصت کِیا کہ اپنے اپنے ڈیرے کو جائیں تو اُن کو بھی برکت دے کر۔

8 اُن سے کہا کہ بڑی دَولت اور بُہت سے چَوپائے اور چاندی اور سونا اور پِیتل اور لوہا اور بُہت سی پوشاک لے کر تُم اپنے اپنے ڈیرے کو لَوٹو اور اپنے دُشمنوں کے مالِ غنِیمت کو اپنے بھائیوں کے ساتھ بانٹ لو۔

9 تب بنی رُوبِن اور بنی جد اور منسّی کا آدھا قبِیلہ لَوٹے اور وہ بنی اِسرائیل کے پاس سے سَیلا سے جو مُلکِ کنعان میں ہے روانہ ہُوئے تاکہ وہ اپنے مِیراثی مُلک جِلعاد کو لَوٹ جائیں جِس کے مالِک وہ خُداوند کے اُس حُکم کے مُطابِق ہُوئے تھے جو اُس نے مُوسیٰ کی معرفت دِیا تھا۔

دریائے یَردن کےکنارے مذبح

10 اور جب وہ یَردن کے پاس کے اُس مقام میں پُہنچے جو مُلکِ کنعان میں ہے تو بنی رُوبِن اور بنی جد اور منسّی کے آدھے قبِیلہ نے وہاں یَردن کے پاس ایک مذبح جو دیکھنے میں بڑا مذبح تھا بنایا۔

11 اور بنی اِسرائیل کے سُننے میں آیا کہ دیکھو بنی رُوبِن اور بنی جد اور منسّی کے آدھے قبِیلہ نے مُلکِ کنعان کے سامنے یَردن کے گِرد کے مقام میں اُس رُخ پر جو بنی اِسرائیل کا ہے ایک مذبح بنایا ہے۔

12 جب بنی اِسرائیل نے یہ سُنا تو بنی اِسرائیل کی ساری جماعت سَیلا میں فراہم ہُوئی تاکہ اُن پر چڑھ جائے اور لڑے۔

13 اور بنی اِسرائیل نے الِیعزر کاہِن کے بیٹے فِینحاس کو بنی رُوبِن اور بنی جد اور منسّی کے آدھے قبِیلہ کے پاس جو مُلکِ جِلعاد میں تھے بھیجا۔

14 اور بنی اِسرائیل کے قبِیلوں سے ہر ایک کے آبائی خاندان سے ایک امِیرکے حِساب سے دس امِیر اُس کے ساتھ کِئے ۔ اُن میں سے ہر ایک ہزار در ہزار اِسرائیلِیوں میں اپنے آبائی خاندان کا سردار تھا۔

15 سو وہ بنی رُوبِن اور بنی جد اور منسّی کے آدھے قبِیلہ کے پاس مُلکِ جِلعاد میں آئے اور اُن سے کہا کہ۔

16 خُداوند کی ساری جماعت یہ کہتی ہے کہ تُم نے اِسرا ئیل کے خُدا سے یہ کیا سرکشی کی کہ آج کے دِن خُداوند کی پَیروی سے برگشتہ ہو کر اپنے لِئے ایک مذبح بنایا اور آج کے دِن تُم خُداوند سے باغی ہو گئے؟۔

17 کیا ہمارے لِئے فغُور کی بدکاری کُچھ کم تھی جِس سے ہم آج کے دِن تک پاک نہیں ہُوئے ۔ اگرچہ خُداوند کی جماعت میں وبا بھی آئی کہ۔

18 تُم آج کے دِن خُداوند کی پَیروی سے برگشتہ ہوتے ہو؟ اور چُونکہ تُم آج خُداوند سے باغی ہوتے ہو اِس لِئے کل یہ ہو گا کہ اِسرا ئیل کی ساری جماعت پر اُس کا قہر نازِل ہو گا۔

19 اور اگر تُمہارا مِیراثی مُلک ناپاک ہے تو تُم خُداوند کے مِیراثی مُلک میں پار آ جاؤ جہاں خُداوند کا مسکن ہے اور ہمارے درمِیان مِیراث لو لیکن خُداوند ہمارے خُدا کے مذبح کے سِوا اپنے لِئے کوئی اَور مذبح بنا کر نہ تو خُداوند سے باغی ہو اور نہ ہم سے بغاوت کرو۔

20 کیا زارح کے بیٹے عکن کی خیانت کے سبب سے جو اُس نے مخصُوص کی ہُوئی چِیز میں کی اِسرا ئیل کی ساری جماعت پر غضب نازِل نہ ہُؤا؟ وہ شخص اکیلا ہی اپنی بدکاری میں ہلاک نہیں ہُؤا۔

21 تب بنی رُوبِن اور بنی جد اور منسّی کے آدھے قبِیلہ نے ہزار در ہزار اِسرائیلِیوں کے سرداروں کو جواب دِیا کہ۔

22 خُداوند خُداؤں کا خُدا خُداوند خُداؤں کا خُدا جانتاہے اور اِسرائیلی بھی جان لیں گے ۔ اگر اِس میں بغاوت یا خُداوند کی مخُالفت ہے (تو تُو ہم کو آج جِیتا نہ چھوڑ)۔

23 اگر ہم نے آج کے دِن اِس لِئے یہ مذبح بنایا ہو کہ خُداوند سے برگشتہ ہو جائیں یا اُس پر سوختنی قُربانی یا نذر کی قُربانی یا سلامتی کے ذبِیحے چڑھائیں تو خُداوند ہی اِس کا حِساب لے۔

24 بلکہ ہم نے اِس خیال اور غرض سے یہ کِیا کہ کہِیں آیندہ زمانہ میں تُمہاری اَولاد ہماری اَولاد سے یہ نہ کہنے لگے کہ تُم کو خُداوند اِسرا ئیل کے خُدا سے کیا لینا ہے؟۔

25 کیونکہ خُداوند نے تو ہمارے اور تُمہارے درمِیان اَے بنی رُوبِن اور بنی جد یَردن کو حد ٹھہرایا ہے ۔ سو خُداوند میں تُمہارا کوئی حِصّہ نہیں ہے ۔ یُوں تُمہاری اَولاد ہماری اَولاد سے خُداوند کا خَوف چُھڑا دے گی۔

26 اِس لِئے ہم نے کہا کہ آؤ ہم اپنے لِئے ایک مذبح بنانا شرُوع کریں جو نہ سوختنی قُربانی کے لِئے ہو اور نہ ذبِیحہ کے لِئے۔

27 بلکہ وہ ہمارے اور تُمہارے اور ہمارے بعد ہماری نسلوں کے درمِیان گواہ ٹھہرے تاکہ ہم خُداوند کے حضُور اُس کی عِبادت اپنی سوختنی قُربانیوں اور اپنے ذبِیحوں اور سلامتی کے ہدیوں سے کریں اور آیندہ زمانہ میں تُمہاری اَولاد ہماری اَولاد سے کہنے نہ پائے کہ خُداوند میں تُمہارا کوئی حِصّہ نہیں۔

28 اِس لِئے ہم نے کہا کہ جب وہ ہم سے یا ہماری اَولاد سے آیندہ زمانہ میں یُوں کہیں گے تو ہم اُن کو جواب دیں گے کہ دیکھو خُداوند کے مذبح کا نمُونہ جِسے ہمارے باپ دادا نے بنایا ۔ یہ نہ سوختنی قُربانی کے لِئے ہے نہ ذبِیحہ کے لِئے بلکہ یہ ہمارے اور تُمہارے درمِیان گواہ ہے۔

29 خُدا نہ کرے کہ ہم خُداوند سے باغی ہوں اور آج خُداوند کی پَیروی سے برگشتہ ہو کر خُداوند اپنے خُدا کے مذبح کے سِوا جو اُس کے خَیمہ کے سامنے ہے سوختنی قُربانی اور نذر کی قُربانی اور ذبِیحہ کے لِئے کوئی مذبح بنائیں۔

30 جب فِینحا س کاہِن اور جماعت کے امِیروں یعنی ہزار در ہزار اِسرائیلِیوں کے سرداروں نے جو اُس کے ساتھ آئے تھے یہ باتیں سُنِیں جو بنی رُوبِن اور بنی جد اور بنی منسّی نے کہِیں تو وہ بُہت خُوش ہُوئے۔

31 تب الِیعزر کے بیٹے فِینحاس کاہِن نے بنی رُوبِن اور بنی جد اور بنی منسّی سے کہا آج ہم نے جان لِیا کہ خُداوند ہمارے درمِیان ہے کیونکہ تُم سے خُداوند کی یہ خطا نہیں ہُوئی ۔ سو تُم نے بنی اِسرائیل کو خُداوند کے ہاتھ سے چُھڑا لِیا ہے۔

32 اور الِیعزر کاہِن کا بیٹا فِینحا س اور وہ سردار جِلعاد سے بنی رُوبِن اور بنی جد کے پاس سے مُلکِ کنعان میں بنی اِسرائیل کے پاس لَوٹ آئے اور اُن کو یہ ماجرا سُنایا۔

33 تب بنی اِسرائیل اِس بات سے خُوش ہُوئے اور بنی اِسرائیل نے خُدا کی حمد کی اور پِھر جنگ کے لِئے اُن پر چڑھائی کرنے اور اُس مُلک کو تباہ کرنے کا نام نہ لِیا جِس میں بنی رُوبِن اور بنی جد رہتے تھے۔

34 تب بنی رُوبِن اور بنی جد نے اُس مذبح کا نام عید یہ کہہ کر رکھّا کہ وہ ہمارے درمِیان گواہ ہے کہ یہووا ہ خُدا ہے۔