ایُّوب 28

حِکمت کی تعرِیف میں

1 یقِیناً چاندی کی کان ہوتی ہے

اور سونے کے لِئے جگہ ہوتی ہے جہاں تایا جاتا ہے۔

2 لوہا زمِین سے نِکالا جاتا ہے

اور پِیتل پتّھر میں سے گلایا جاتا ہے۔

3 اِنسان تارِیکی کی تہ تک پُہنچتا ہے

اور ظُلمات اور مَوت کے سایہ کی اِنتِہا تک

پتّھروں کی تلاش کرتا ہے۔

4 آبادی سے دُور وہ سُرنگ لگاتا ہے۔

آنے جانے والوں کے پاؤں سے بے خبر

اور لوگوں سے دُور وہ لٹکتے اور جُھولتے ہیں۔

5 اور زمِین ۔ اُس سے خُوراک پَیدا ہوتی ہے

اور اُس کے اندر گویا آگ سے اِنقلاب ہوتا رہتا ہے۔

6 اُس کے پتّھروں میں نِیلم ہے۔

اور اُس میں سونے کے ذرّے ہیں۔

7 اُس راہ کو کوئی شِکاری پرِندہ نہیں جانتا

نہ باز کی آنکھ نے اُسے دیکھا ہے

8 نہ مُتکبِّر جانور اُس پر چلے ہیں

نہ خُون خوار بَبر اُدھر سے گُذرا ہے۔

9 وہ چقماق کی چٹان پر ہاتھ لگاتا ہے۔

وہ پہاڑوں کو جڑ سے اُلٹ دیتا ہے۔

10 وہ چٹانوں میں سے نالِیاں کاٹتا ہے۔

اُس کی آنکھ ہر بیش قِیمت چِیز کو دیکھ لیتی ہے۔

11 وہ ندِیوں کو مسدُود کرتا ہے کہ وہ ٹپکتی بھی نہیں

اور چُھپی چِیز کو وہ روشنی میں نِکال لاتا ہے۔

12 لیکن حِکمت کہاں مِلے گی؟

اور خِرد کی جگہ کہاں ہے؟

13 نہ اِنسان اُس کی قدر جانتا ہے

نہ وہ زِندوں کی سرزمِین میں مِلتی ہے۔

14 گہراؤ کہتا ہے وہ مُجھ میں نہیں ہے۔

سمُندر کہتا ہے وہ میرے پاس نہیں۔

15 نہ وہ سونے کے بدلے مِل سکتی ہے

نہ چاندی اُس کی قِیمت کے لِئے تُلے گی

16 نہ اوفِیر کا سونا اُس کا مول ہو سکتا ہے

اور نہ قِیمتی سُلیمانی پتّھر یا نِیلم۔

17 نہ سونا اور کانچ اُس کی برابری کر سکتے ہیں

نہ چوکھے سونے کے زیور اُس کا بدل ٹھہریں گے۔

18 مونگے اور بِلّور کا نام بھی نہیں لِیا جائے گا

بلکہ حِکمت کی قِیمت مرجان سے بڑھ کر ہے۔

19 نہ کُو ش کا پُکھراج اُس کے برابر ٹھہرے گا

نہ چوکھا سونا اُس کا مول ہو گا۔

20 پِھر حِکمت کہاں سے آتی ہے؟

اور خِرد کی جگہ کہاں ہے؟

21 جِس حال کہ وہ سب زِندوں کی آنکھوں سے

چُھپی ہے

اور ہوا کے پرِندوں سے پوشِیدہ رکھّی گئی ہے۔

22 ہلاکت اور مَوت کہتی ہیں

ہم نے اپنے کانوں سے اُس کی افواہ تو سُنی ہے۔

23 خُدا اُس کی راہ کو جانتا ہے

اور اُس کی جگہ سے واقِف ہے۔

24 کیونکہ وہ زمِین کی اِنتِہا تک نظر کرتا ہے

اور سارے آسمان کے نِیچے دیکھتا ہے

25 تاکہ وہ ہوا کا وزن ٹھہرائے

بلکہ وہ پانی کو پَیمانہ سے ناپتا ہے۔

26 جب اُس نے بارِش کے لِئے قانُون

اور رَعد کی برق کے لِئے راستہ ٹھہرایا

27 تب ہی اُس نے اُسے دیکھا اور اُس کا بیان کِیا۔

اُس نے اُسے قائِم کِیا بلکہ اُسے ڈھُونڈ نِکالا

28 اور اُس نے اِنسان سے کہا

دیکھ خُداوند کا خَوف ہی حِکمت ہے

اور بدی سے دُور رہنا خِرد ہے۔

Leave a comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

19 + 8 =