یسعیاہ 11

پُرامن بادشاہی

1 اور یسّی کے تنے سے ایک کونپل نِکلے گی اور اُس کی جڑوں سے ایک بارآور شاخ پَیدا ہو گی۔

2 اور خُداوند کی رُوح اُس پر ٹھہرے گی ۔ حِکمت اور

خِردکی رُوح

مصلحت اور قُدرت کی رُوح

معرفت اور خُداوند کے خَوف کی رُوح۔

3 اور اُس کی شادمانی خُداوند کے خَوف میں ہو گی

اور وہ نہ اپنی آنکھوں کے دیکھنے کے مُطابِق اِنصاف

کرے گا

اورنہ اپنے کانوں کے سُننے کے مُوافِق فَیصلہ کرے گا۔

4 بلکہ وہ راستی سے مِسکِینوں کا اِنصاف کرے گا

اور عدل سے زمِین کے خاکساروں کا فَیصلہ

کرے گا

اور وہ اپنی زُبان کے عصا سے زمِین کو مارے گا

اور اپنے لبوں کے دَم سے شرِیروں کو فنا کر

ڈالے گا۔

5 اُس کی کمر کا پٹکا راستبازی ہو گی

اور اُس کے پہلُوپر وفاداری کا پٹکا ہو گا۔

6 پس بھیڑِیا برّہ کے ساتھ رہے گا

اور چِیتا بکری کے بچّے کے ساتھ بَیٹھے گا

اور بچھڑا اور شیر بچّہ اور پلا ہُؤا بَیل مِل جُل کر

رہیں گے

اور ننّھا بچّہ اُن کی پیش روی کرے گا۔

7 گائے اور رِیچھنی مِل کر چریں گی ۔

اُن کے بچّے اِکٹّھے بَیٹھیں گے

اور شیرِ بَبر بَیل کی طرح بُھوسا کھائے گا۔

8 اور دُودھ پِیتا بچّہ سانپ کے بِل کے پاس کھیلے گا

اوروہ لڑکا جِس کا دُودھ چُھڑایا گیا ہو افعی کے

بِل میں ہاتھ ڈالے گا۔

9 وہ میرے تمام کوہِ مُقدّس پر نہ ضرر پُہنچائیں گے

نہ ہلاک کریں گے

کیونکہ جِس طرح سمُندر پانی سے بھرا ہے

اُسی طرح زمِین خُداوند کے عِرفان سے معمُور

ہو گی۔

جلاوطن واپس آئیں گے

10 اور اُس وقت یُوں ہو گا کہ لوگ یسّی کی اُس جڑ کے طالِب ہوں گے جو لوگوں کے لِئے ایک نِشان ہے اور اُس کی آرام گاہ جلالی ہو گی۔

11 اور اُس وقت یُوں ہو گا کہ خُداوند دُوسری مرتبہ اپناہاتھ بڑھائے گا کہ اپنے لوگوں کا بقِیّہ جو بچ رہا ہواسُور اور مِصر اور فترُوس اور کُوش اور عَیلام اور سِنعار اورحمات اور سمُندر کی اطراف سے واپس لائے۔

12 اور وہ قَوموں کے لِئے ایک جھنڈا کھڑا کرے گا اور اُن اِسرائیلیوں کو جو خارِج کِئے گئے ہوں جمع کرے گا اور سب بنی یہُوداہ کو جو پراگندہ ہوں گے زمِین کی چاروں طرف سے فراہم کرے گا۔

13 تب بنی افرائِیم میں حسد نہ رہے گا اور بنی یہُوداہ کے دُشمن کاٹ ڈالے جائیں گے بنی افرائِیم بنی یہُوداہ پر حسد نہ کریں گے اور بنی یہُوداہ بنی افرائِیم سے کِینہ نہ رکھّیں گے۔

14 اور وہ مغرِب کی طرف فلِستیوں کے کندھوں پر جھپٹیں گے اور وہ مِل کر مشرِق کے بسنے والوں کو لُوٹیں گے اور ادُو م اور موآ ب پر ہاتھ ڈالیں گے اور بنی عمُّون اُن کے فرمانبردار ہوں گے۔

15 تب خُداوند بحرِ مِصر کی خلِیج کو بِالکُل نیست کر دے گا اور اپنی بادِ سمُوم سے دریایِ فرا ت پر ہاتھ چلائے گااور اُس کو سات نالے کر دے گا اور اَیسا کرے گا کہ لوگ جُوتے پہنے ہُوئے پار چلے جائیں گے۔

16 اور اُس کے باقی لوگوں کے لِئے جو اسُور میں سے بچ رہیں گے ایک اَیسی شاہراہ ہو گی جَیسی بنی اِسرائیل کے لِئے تھی جب وہ مُلکِ مِصر سے نِکلے۔ شُکر گُزاری کاگیِت

Leave a comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

nineteen − 15 =