پاکِیزگی کی شاہراہ
1 بیابان اور وِیرانہ شادمان ہوں گے اور دشت خُوشی
کرے گااور نرگِس کی مانِند شگُفتہ ہو گا۔
2 اُس میں کثرت سے کلِیاں نِکلیں گی ۔ وہ شادمانی
سے گاکر خُوشی کرے گا ۔
لُبنا ن کی شَوکت اورکرمِل اور شارُو ن کی زِینت
اُسے دی جائے گی ۔
وہ خُداوند کا جلال اور ہمارے خُدا کی حشمت
دیکھیں گے۔
3 کمزور ہاتھوں کو زور اور
ناتوان گُھٹنوں کو توانائی دو۔
4 اُن کو جو کچ دِلے ہیں کہو
ہِمّت باندھو مت ڈرو ۔
دیکھوتُمہارا خُدا سزا اور جزا لِئے آتا ہے ۔
ہاں خُدا ہی آئے گا اور تُم کو بچائے گا۔
5 اُس وقت اندھوں کی آنکھیں وا کی جائیں گی
اور بہروں کے کان کھولے جائیں گے۔
6 تب لنگڑے ہرن کی مانِند چَوکڑیاں بھریں گے
اور گُونگے کی زُبان گائے گی
کیونکہ بیابان میں پانی اور دشت میں ندیاں
پُھوٹ نِکلیں گی۔
7 بلکہ سراب تالاب ہو جائے گا
اور پِیاسی زمِین چشمہ بن جائے گی ۔
گِیدڑوں کی ماندوں میں جہاں وہ پڑے تھے
نَے اور نل کا ٹِھکانا ہو گا۔
8 اور وہاں ایک شاہراہ اور گُذر گاہ ہو گی جو مُقدّس راہ
کہلائے گی
جِس سے کوئی ناپاک گُذر نہ کرے گا ۔
لیکن یہ مُسافِروں کے لِئے ہو گی ۔ احمق بھی اُس
میں گُمراہ نہ ہوں گے۔
9 وہاں شیرِ بَبر نہ ہو گا
اور نہ کوئی درِندہ اُس پرچڑھے گا
نہ وہاں پایا جائے گا
لیکن جِن کا فِدیہ دِیا گیاوہاں سَیر کریں گے۔
10 اور جِن کو خُداوند نے مخلصی بخشی لَوٹیں گے اور
صِیُّون میں گاتے ہُوئے آئیں گے
اور ابدی سرُور اُن کے سروں پرہو گا ۔ وہ خُوشی
اور شادمانی حاصِل کریں گے اور
غم واندوہ کافُور ہو جائیں گے۔
اسُوری یروشلیِم کو دھمکا تے ہیں