مُصِیبت میں مدد کے لِئے فریاد
مِیر مُغنّی کے لِئے تاردار سازوں کے ساتھ شمِینیت کے
سُرپر داؤُد کامزمُور۔
1 اَے خُداوند!تُو مُجھے اپنے قہر میں نہ جِھڑک
اور اپنے غَیظ و غضب میں مُجھے تنبِیہ نہ دے۔
2 اَے خُداوند! مُجھ پر رحم کر کیونکہ مَیں پژمُردہ ہوگیا ہُوں ۔
اَے خُداوند مُجھے شِفا دے کیونکہ میری ہڈِّ یوں
میں بے قراری ہے۔
3 میری جان بھی نِہایت بے قرار ہے
اور تُو اَے خُداوند! کب تک؟
4 لَوٹ اَے خُداوند! میری جان کو چُھڑا۔
اپنی شفقت کی خاطِر مُجھے بچا لے ۔
5 کیونکہ مَوت کے بعد تیری یاد نہیں ہوتی
قبر میں کَون تیری شُکرگُذاری کرے گا؟
6 مَیں کراہتے کراہتے تھک گیا ۔
مَیں اپنا پلنگ آنسُوؤں سے بِھگوتا ہُوں ۔
ہر رات میرا بِسترتَیرتا ہے۔
7 میری آنکھ غم کے مارے بَیٹھی جاتی ہے
اور میرے سب مُخالِفوں کے سبب سے
دُھندلانے لگی ۔
8 اَے سب بدکردارو! میرے پاس سے دُور ہو
کیونکہ خُداوند نے میرے رونے کی آواز سُن لی ہے۔
9 خُداوند نے میری مِنّت سُن لی۔
خُداوند میری دُعا قبُول کرے گا۔
10 میرے سب دُشمن شرمِندہ اور نِہایت بے قرار
ہوں گے ۔
وہ لَوٹ جائیں گے ۔ وہ دفعتہ شرمِندہ ہوں گے۔