مدد کے لِئے اِلتجا
میر مُغنّی کے لِئے شمِینیت کے سُر پر داؤُد کا مزمُور۔
1 اَے خُداوند! بچا لے کیونکہ کوئی دِین دار نہیں رہا
اور امانت دار لوگ بنی آدم میں سے مِٹ گئے۔
2 وہ اپنے اپنے ہمسایہ سے جُھوٹ بولتے ہیں۔
وہ خُوشامدی لبوں سے دو رنگی باتیں کرتے ہیں ۔
3 خُداوند سب خُوشامدی لبوں کو
اور بڑے بول بولنے والی زُبان کو کاٹ ڈالے گا ۔
4 وہ کہتے ہیں ہم اپنی زُبان سے جِیتیں گے۔
ہمارے ہونٹ ہمارے ہی ہیں ۔ ہمارا مالِک
کَون ہے؟
5 غرِیبوں کی تباہی اورمِسکِینوں کی آہ کے سبب سے
خُداوند فرماتا ہے کہ اب مَیں اُٹھُوں گا
اور جِس پر وہ پُھنکارتے ہیں اُسے امن و امان
میں رکھُّوں گا۔
6 خُداوند کا کلام پاک ہے۔
اُس چاندی کی مانِند جو بھٹّی میں مِٹّی پر تائی گئی
اور سات بار صاف کی گئی ہو۔
7 تُو ہی اَے خُداوند! اُن کی حِفاظت کرے گا۔
تُو ہی اُن کواِس پُشت سے ہمیشہ تک بچائے
رکھّے گا۔
8 جب بنی آدم میں پاجی پن کی قدر ہوتی ہے
تو شرِیر ہر طرف چلتے پِھرتے ہیں۔