خُدا ہمارے ساتھ ہے
مِیر مُغنّی کے لِئے بنی قورح کا مزمُور علامو ت کے سُر پر ۔
ایک گِیت۔
1 خُدا ہماری پناہ اور قُوّت ہے۔
مُصِیبت میں مُستعِد مددگار۔
2 اِس لِئے ہم کوکُچھ خَوف نہیں خواہ زمِین اُلٹ جائے
اور پہاڑ سمُندر کی تہہ میں ڈال دیئے جائیں۔
3 خواہ اُس کا پانی شور مچائے اور مَوجزن ہو
اور پہاڑ اُس کی طُغیانی سے ہِل جائیں ۔(سِلاہ)
4 ایک اَیسا دریا ہے جِس کی شاخوں سے خُدا کے شہر کو
یعنی حق تعالیٰ کے مُقدّس مسکن کو فرحت ہوتی ہے۔
5 خُدا اُس میں ہے ۔ اُسے کبھی جُنِبش نہ ہو گی۔
خُدا صُبح سویرے اُس کی کُمک کرے گا۔
6 قَومیں جُھنجلائِیں ۔ سلطنتوں نے جُنبش کھائی۔
وہ بول اُٹھا ۔ زمِین پِگھل گئی۔
7 لشکروں کا خُداوند ہمارے ساتھ ہے۔
یعقُوب کا خُدا ہماری پناہ ہے ۔(سِلاہ)
8 آؤ! خُداوند کے کاموں کودیکھو
کہ اُس نے زمِین پر کیا کیا وِیرانِیاں کی ہیں۔
9 وہ زمِین کی اِنتہا تک جنگ مَوقُوف کراتا ہے۔
وہ کمان کو توڑتا اور نیزے کے ٹُکڑے کر ڈالتا ہے ۔
وہ رتھوں کو آگ سے جلا دیتا ہے۔
10 خاموش ہو جاؤ اور جان لو کہ مَیں خُدا ہُوں۔
مَیں قَوموں کے درمیان سربُلند ہُوں گا ۔ مَیں
ساری زمِین پر سربُلند ہُوں گا۔
11 لشکروں کا خُداوند ہمارے ساتھ ہے۔
یعقُوب کا خُدا ہماری پناہ ہے ۔(سِلاہ)