مدد کے لِئے پُکار
مِیر مُغنّی کے لِئے داؤُد کا مزمُور۔ یادگار کے لِئے۔
1 اَے خُدا! مُجھے چُھڑانے کے لِئے۔
اَے خُداوند! میری مدد کے لِئے جلدی کر۔
2 جو میری جان کو ہلاک کرنے کے درپَے ہیں وہ سب
شرمِندہ اور خجِل ہوں۔
جو میرے نُقصان سے خُوش ہیں وہ پسپا اور
رُسوا ہوں۔
3 اہا ہاہا کرنے والے
اپنی رُسوائی کی وجہ سے پسپا ہوں۔
4 تیرے سب طالِب تُجھ میں خُوش و خُرّم ہوں۔
تیری نجات کے عاشِق ہمیشہ کہا کریں
خُدا کی تمجِید ہو۔
5 پر مَیں غرِیب اور مُحتاج ہُوں۔
اَے خُدا میرے پاس جلد آ۔
میرا مددگار اور چُھڑانے والا تُو ہی ہے۔
اَے خُداوند دیر نہ کر!