خُدا بادشاہ ہے
1 خُداوند سلطنت کرتا ہے ۔ وہ شَوکت سے مُلبّس ہے۔
خُداوند قُدرت سے مُلبّس ہے ۔ وہ اُس سے کمربستہ ہے۔
اِس لِئے جہان قائِم ہے اور اُسے جُنبش نہیں۔
2 تیرا تخت قدِیم سے قائِم ہے۔تُو ازل سے ہے۔
3 سَیلابوں نے اَے خُداوند!
سَیلابوں نے شور مچا رکھّا ہے۔سَیلاب مَوجزن ہیں۔
4 بحروں کی آواز سے۔
سمُندر کی زبردست مَوجوں سے بھی
خُداوند بُلند و قادِر ہے۔
5 تیری شہادتیں بِالکُل سچّی ہیں۔
اَے خُداوند!ابدُالآباد کے لِئے
قُدُّوسِیت تیرے گھر کو زیبا ہے۔