زبُو 99

خُداسب سے بڑا بادشاہ ہے

1 خُداوند سلطنت کرتا ہے ۔ قَومیں کانپیں۔

وہ کرُّوبیوں پر بَیٹھتا ہے ۔ زمِین لرزے۔

2 خُداوند صِیُّون میں بزُرگ ہے

اور وہ سب قَوموں پر بُلند و بالا ہے۔

3 وہ تیرے بزُرگ اور مُہِیب نام کی تعرِیف کریں۔

وہ قُدُّوس ہے۔

4 بادشاہ کی قُوّت اِنصاف پسند ہے۔

تُو راستی کو قائِم کرتا ہے۔

تُو ہی نے عدل اور صداقت کو یعقُوب میں رائِج کِیا ۔

5 تُم خُداوند ہمارے خُدا کی تمجِید کرو۔

اور اُس کے پاؤں کی چَوکی پر سِجدہ کرو۔وہ قُدُّوس ہے۔

6 اُس کے کاہِنوں میں سے مُوسیٰ اور ہارُون نے

اور اُس کا نام لینے والوں میں سے سموئیل نے

خُداوند سے دُعا کی اور اُس نے اُن کو جواب دِیا ۔

7 اُس نے بادل کے سُتُون میں سے اُن سے کلام کِیا۔

اُنہوں نے اُس کی شہادتوں کو اور اُس آئِین کو

جو اُس نے اُن کو دِیا تھا مانا۔

8 اَے خُداوند ہمارے خُدا! تُو اُن کو جواب دیتا تھا۔

تُو وہ خُدا ہے جو اُن کو مُعاف کرتا رہا۔

اگرچہ تُو نے اُن کے اعمال کا بدلہ بھی دِیا۔

9 تُم خُداوند ہمارے خُدا کی تمجِید کرو

اور اُس کے مُقدّس پہاڑ پر سِجدہ کرو۔

کیونکہ خُداوند ہمارا خُدا قُدُّوس ہے۔

Leave a comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

1 × two =