ایک بادشاہ کا وعدہ
داؤُد کا مزمُور۔
1 مَیں شفقت اور عدل کا گِیت گاؤُں گا۔
اَے خُداوند! مَیں تیری مدح سرائی کرُوں گا۔
2 مَیں عقل مندی سے کامِل راہ پر چلُوں گا۔
تُو میرے پاس کب آئے گا؟
گھر میں میری روِش خلُوصِ دِل سے ہو گی۔
3 مَیں کِسی خباثت کو مدِنظر نہیں رکھُّوں گا۔
مُجھے کج رفتاروں کے کام سے نفرت ہے۔
اُس کو مُجھ سے کُچھ سروکار نہ ہو گا۔
4 کج دِلی مُجھ سے دُور ہو جائے گی۔
مَیں کِسی بُرائی سے آشنا نہ ہُوں گا۔
5 جو در پردہ اپنے ہمسایہ کی غِیبت کرے مَیں اُسے
ہلاک کر ڈالُوں گا۔
مَیں بُلند نظر اور مغرُور دِل کی برداشت نہ کرُوں گا۔
6 مُلک کے اِیمان داروں پر میری نِگاہ ہو گی تاکہ وہ
میرے ساتھ رہیں۔
جو کامِل راہ پر چلتا ہے وُہی میری خِدمت کرے گا۔
7 دغاباز میرے گھر میں رہنے نہ پائے گا۔
دروغ گو کو میرے رُوبرُو قِیام نہ ہو گا۔
8 مَیں ہر صُبح مُلک کے سب شرِیروں کو ہلاک کِیا کرُوں گا
تاکہ خُداوند کے شہر سے بدکاروں کو کاٹ ڈالُوں ۔