راستباز آدمی کی مُبارک حالی
1 خُداوند کی حمد کرو۔
مُبارک ہے وہ آدمی جو خُداوند سے ڈرتا ہے
اور اُس کے حُکموں میں خُوب مسرُور رہتا ہے۔
2 اُس کی نسل زمِین پر زورآور ہو گی۔
راست بازوں کی اَولاد مُبارک ہو گی۔
3 مال و دَولت اُس کے گھر میں ہے
اور اُس کی صداقت ابد تک قائِم ہے۔
4 راست با زوں کے لِئے تارِیکی میں نُور چمکتا ہے۔
وہ رحِیم و کرِیم اور صادِق ہے۔
5 رحم دِل اور قرض دینے والا آدمی سعادت مند ہے ۔
وہ اپنا کاروبار راستی سے کرے گا۔
6 اُسے کبھی جُنبِش نہ ہو گی۔
صادِق کی یادگار ہمیشہ رہے گی۔
7 وہ بُری خبر سے نہ ڈرے گا۔
خُداوند پر توکُّل کرنے سے اُس کا دِل قائِم ہے ۔
8 اُس کا دِل برقرار ہے ۔ وہ ڈرنے کا نہیں۔
یہاں تک کہ وہ اپنے مُخالِفوں کو دیکھ لے گا۔
9 اُس نے بانٹا اور مُحتاجوں کو دِیا۔
اُس کی صداقت ہمیشہ قائِم رہے گی۔
اُس کا سِینگ عِزّت کے ساتھ بُلند کِیا جائے گا ۔
10 شرِیر یہ دیکھے گا اور کُڑھے گا۔
وہ دانت پِیسے گا اور گُھلے گا۔
شرِیروں کی مُراد نابُود ہو گی۔