زکریاہ 10

خُداوندمخلصی کا وعدہ کرتا ہے

1 پِچھلی برسات کی بارِش کے لِئے خُداوند سے دُعا کرو ۔ خُداوند سے جو بِجلی چمکاتا ہے ۔ وہ بارِش بھیجے گا اور مَیدان میں سب کے لِئے گھاس اُگائے گا۔

2 کیونکہ تِرافِیم نے بطالت کی باتیں کہی ہیں اور غَیب بِینوں نے بطالت دیکھی اور جُھوٹے خواب بیان کِئے ہیں۔ اُن کی تسلّی بے حقِیقت ہے اِس لِئے وہ بھیڑوں کی مانِند بھٹک گئے۔ اُنہوں نے دُکھ پایا کیونکہ اُن کا کوئی چرواہا نہ تھا۔

3 میرا غضب چرواہوں پر بھڑکا ہے اور مَیں پیشواؤں کو سزا دُوں گا تَو بھی ربُّ الافواج نے اپنے گلّہ یعنی بنی یہُوداہ پر نظر کی ہے اور اُن کو گویا اپنا خُوب صُورت جنگی گھوڑا بنائے گا۔

4 اُن ہی میں سے کونے کا پتھّر اور کُھونٹی اور جنگی کمان اور سب حاکِم نِکلیں گے۔

5 اور وہ پہلوانوں کی طرح لڑائی میں دُشمنوں کو گلیوں کی کِیچ کی مانِند لتاڑیں گے اور وہ لڑیں گے کیونکہ خُداوند اُن کے ساتھ ہے اور سوار سراسِیمہ ہو جائیں گے۔

6 اور مَیں یہُودا ہ کے گھرانے کی تقوِیّت کرُوں گا

اور یُوسف کے گھرانے کو رہائی بخشُوں گا

اور اُن کو واپس لاؤُں گا

کیونکہ مَیں اُن پر رحم کرتا ہُوں

اور وہ اَیسے ہوں گے گویا مَیں نے اُن کو کبھی

ترک نہیں کِیا تھا

کیونکہ مَیں خُداوند اُن کا خُدا ہُوں اور اُن کی

سنُوں گا۔

7 اور بنی اِفرائِیم پہلوانوں کی مانِند ہوں گے

اور اُن کے دِل گویا مَے سے مسرُور ہوں گے

بلکہ اُن کی اَولاد بھی دیکھے گی اور شادمانی

کرے گی ۔

اُن کے دِل خُداوند سے خُوش ہوں گے۔

8 مَیں سِیٹی بجا کر اُن کو فراہم کرُوں گا

کیونکہ مَیں نے اُن کا فِدیہ دِیا ہے

اور وہ بُہت ہو جائیں گے جَیسے پہلے تھے۔

9 اگرچہ مَیں نے اُن کو قَوموں میں پراگندہ کِیا

تَو بھی وہ اُن دُور کے مُلکوں میں مُجھے یاد

کریں گے

اور اپنے بال بچّوں سمیت زِندہ رہیں گے

اور واپس آئیں گے۔

10 مَیں اُن کو مُلکِ مِصر سے واپس لاؤُں گا اورا سُور

سے جمع کرُوں گا

اور جِلعاد اور لُبنان کی سرزمِین میں پُہنچاؤُں گا ۔

یہاں تک کہ اُن کے لِئے گُنجایش نہ ہو گی۔

11 اور وہ مُصِیبت کے سمُندر سے گُذر جائے گا

اور اُس کی لہروں کو مارے گا

اور دریایِ نِیل تہ تک سُوکھ جائے گا

اور ا سُور کا تکبُّر ٹُوٹ جائے گا

اور مِصر کا عصا جاتا رہے گا۔

12 اور مَیں اُن کو خُداوند میں تقوِیّت بخشُوں گا

اور وہ اُس کا نام لے کر اِدھر اُدھر چلیں گے

خُداوند فرماتا ہے۔

Leave a comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

two − two =