زبُو 98

خُدا دُنیا کا فرمانروا ہے

مزمُور۔

1 خُداوند کے حضُور نیا گِیت گاؤ

کیونکہ اُس نے عجِیب کام کِئے ہیں۔

اُس کے دہنے ہاتھ اور اُس کے مُقدّس بازُو

نے اُس کے لِئے فتح حاصِل کی ہے۔

2 خُداوند نے اپنی نجات ظاہِر کی ہے۔

اُس نے اپنی صداقت قَوموں کے سامنے نمایاں کی ہے۔

3 اُس نے اِسرائیل کے گھرانے کے حق میں اپنی

شفقت و وفاداری یاد کی ہے۔

اِنتہایِ زمِین کے لوگوں نے ہمارے خُدا کی نجات

دیکھی ہے۔

4 اَے تمام اہلِ زمِین! خُداوند کے حضُور خُوشی کا نعرہ مارو

للکارو اور خُوشی سے گاؤ اور مدح سرائی کرو۔

5 خُداوند کی سِتایش سِتار پر کرو۔

سِتار اور سُرِیلی آواز سے۔

6 نرسِنگے اور قرنا کی آواز سے

بادشاہ یعنی خُداوند کے حضُور خُوشی کا نعرہ مارو۔

7 سمُندر اور اُس کی معمُوری شور مچائیں

اور جہان اور اُس کے باشِندے۔

8 سَیلاب تالِیاں بجائیں۔

پہاڑِیاں مِل کر خُوشی سے گائیں۔

9 خُداوند کے حضُور ۔ کیونکہ وہ زمِین کی عدالت

کرنے آ رہا ہے۔

وہ صداقت سے جہان کی

اور راستی سے قَوموں کی عدالت کرے گا۔

Leave a comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

8 + 10 =