زبُو 61

مُحافظت کے لِئے درخواست

مِیر مُغنّی کے لِئے تاردار ساز کے ساتھ داؤُد کا مزمُور۔

1 اَے خُدا میری فریاد سُن !

میری دُعا پر توجُّہ کر۔

2 مَیں اپنی افسُردہ دِلی میں زمِین کی اِنتِہا سے تُجھے

پُکارُوں گا۔

تُو مُجھے اُس چٹان پر لے چل جو مُجھ سے اُونچی ہے

3 کیونکہ تُو میری پناہ رہا ہے

اور دُشمن سے بچنے کے لِئے اُونچا بُرج۔

4 مَیں ہمیشہ تیرے خَیمہ میں رہُوں گا۔

مَیں تیرے پروں کے سایہ میں پناہ لُوں گا ۔ (سِلاہ)

5 کیونکہ اَے خُدا تُو نے میری مَنّتیں قبُول کی ہیں۔

تُو نے مُجھے اُن لوگوں کی سی مِیراث بخشی ہے جو

تیرے نام سے ڈرتے ہیں۔

6 تُو بادشاہ کی عُمر دراز کرے گا۔

اُس کی عُمر بُہت سی پُشتوں کے برابر ہو گی۔

7 وہ خُدا کے حضُور ہمیشہ قائِم رہے گا۔

تُو شفقت اور سچّائی کو اُس کی حِفاظت کے لِئے

مُہیّاکر۔

8 یُوں مَیں ہمیشہ تیری مدح سرائی کرُوں گا

تاکہ روزانہ اپنی مَنّتیں پُوری کرُوں۔

Leave a comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

2 × 1 =