زبُو 51

مُعافی کے لِئے اِلتجا

مِیر مُغنّی کے لِئے داؤُد کا مزمُور۔ اُس کے بت سبع کے

پاس جانے کے بعد جب ناتن نبی اُس کے پاس آیا۔

1 اَے خُدا! اپنی شفقت کے مُطابِق مُجھ پر رحم کر۔

اپنی رحمت کی کثرت کے مُطابِق میری خطائیں مِٹا دے۔

2 میری بدی کو مُجھ سے دھو ڈال

اور میرے گُناہ سے مُجھے پاک کر۔

3 کیونکہ مَیں اپنی خطاؤں کو مانتا ہُوں

اور میرا گُناہ ہمیشہ میرے سامنے ہے۔

4 مَیں نے فقط تیرا ہی گُناہ کِیا ہے

اور وہ کام کِیا ہے جو تیری نظر میں بُرا ہے

تاکہ تُو اپنی باتوں میں راست ٹھہرے

اور اپنی عدالت میں بے عَیب رہے۔

5 دیکھ! مَیں نے بدی میں صُورت پکڑی

اور مَیں گُناہ کی حالت میں ماں کے پیٹ میں پڑا ۔

6 دیکھ تُو باطِن کی سچّائی پسند کرتا ہے

اور باطِن ہی میں مُجھے دانائی سِکھائے گا۔

7 زُوفے سے مُجھے صاف کر تو مَیں پاک ہُوں گا۔

مُجھے دھو اور مَیں برف سے زِیادہ سفید ہُوں گا۔

8 مُجھے خُوشی اور خُرّمی کی خبرسُنا

تاکہ وہ ہڈّیاں جو تُو نے توڑ ڈالی ہیں

شادمان ہو ں ۔

9 میرے گُناہوں کی طرف سے اپنا مُنہ پھیرلے

اور میری سب بدکاری مِٹا ڈال۔

10 اَے خُدا! میرے اندر پاک دِل پَیداکر

اور میرے باطِن میں از سرِنو مُستقِیم رُوح ڈال ۔

11 مُجھے اپنے حضُور سے خارِج نہ کر

اور اپنی پاک رُوح کو مُجھ سے جُدا نہ کر۔

12 اپنی نجات کی شادمانی مُجھے پِھر عِنایت کر

اور مُستعِد رُوح سے مُجھے سنبھال۔

13 تب مَیں خطاکاروں کو تیری راہیں سِکھاؤُں گا

اور گُنہگار تیری طرف رجُوع کریں گے۔

14 اَے خُدا! اَے میرے نجات بخش خُدا مُجھے خُون

کے جُرم سے چُھڑا

تو میری زُبان تیری صداقت کا گِیت گائے گی ۔

15 اَے خُداوند! میرے ہونٹوں کو کھول دے

تو میرے مُنہ سے تیری سِتایش نِکلے گی

16 کیونکہ قُربانی میں تیری خُوشنُودی نہیں ورنہ مَیں دیتا ۔

سوختنی قُربانی سے تُجھے کُچھ خُوشی نہیں۔

17 شِکستہ رُوح خُدا کی قُربانی ہے۔

اَے خُدا تُو شِکستہ اور خستہ دِل کو حقِیر نہ جانے گا ۔

18 اپنے کرم سے صِیُّون کے ساتھ بھلائی کر۔

یروشلِیم کی فصِیل کو تعمِیر کر۔

19 تب تُو صداقت کی قُربانیوں اور سوختنی قُربانی اور

پُوری سوختنی قُربانی سے خُوش ہوگا

اور وہ تیرے مذبح پر بچھڑے چڑھائیں گے۔

Leave a comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

fifteen + 9 =