مدد کے لِئے اِلتجا
داؤُد کا مزمُور۔
1 اَے خُداوند! مَیں تُجھ ہی کو پُکارُوں گا ۔
اَے میری چٹان! تُو میری طرف سے کان بند نہ کر ۔
اَیسا نہ ہو کہ اگر تُو میری طرف سے خاموش رہے
تو مَیں اُن کی مانِند بن جاؤُں جو پاتال میں جاتے ہیں۔
2 جب مَیں تُجھ سے فریاد کرُوں اور اپنے ہاتھ
تیری مُقدّس ہَیکل کی طرف اُٹھاؤُں تو میری
مِنّت کی آواز کو سُن لے۔
3 مُجھے اُن شرِیروں اور بدکرداروں کے ساتھ گھسِیٹ
نہ لے جا
جو اپنے ہمسایوں سے صُلح کی باتیں کرتے ہیں
مگر اُن کے دِلوں میں بدی ہے۔
4 اُن کے افعال و اعمال کی بُرائی کے مُوافِق اُن کو
بدلہ دے ۔
اُن کے ہاتھوں کے کاموں کے مُطابِق اُن سے
سلُوک کر۔
اُن کے کِئے کا عِوض اُن کو دے۔
5 وہ خُداوند کے کاموں
اور اُس کی دست کاری پر دِھیان نہیں کرتے۔
اِس لِئے وہ اُن کو گِرا دے گا اور پِھر نہیں
اُٹھائے گا۔
6 خُداوند مُبارک ہو۔
اِس لِئے کہ اُس نے میری مِنّت کی آواز سُن لی ۔
7 خُداوند میری قُوّت اور میری سِپر ہے ۔
میرے دِل نے اُس پر توکُّل کِیا ہے اور مُجھے مدد
مِلی ہے
اِسی لِئے میرا دِل نہایت شادمان ہے
اور مَیں گِیت گا کر اُس کی سِتایش کرُوں گا۔
8 خُداوند اُن کی قُوّت ہے۔
وہ اپنے ممسُوح کے لِئے نجات کا قلعہ ہے۔
9 اپنی اُمّت کو بچا اور اپنی مِیراث کو برکت دے ۔
اُن کی پاسبانی کر اور اُن کو ہمیشہ تک سنبھالے رہ ۔