بچانے والے خُدا کی حمد
1 خُداوند کی حمد کرو!
اَے میری جان خُداوند کی حمد کر !
2 مَیں عُمر بھر خُداوند کی حمد کرُوں گا۔
جب تک میرا وجُود ہے مَیں اپنے خُدا کی مدح
سرائی کرُوں گا۔
3 نہ اُمرا پر بھروسا کرو نہ آدم زاد پر۔
وہ بچا نہیں سکتا۔
4 اُس کا دَم نِکل جاتا ہے تو وہ مِٹّی میں مِل جاتا ہے ۔
اُسی دِن اُس کے منصُوبے فنا ہو جاتے ہیں۔
5 خُوش نصِیب ہے وہ جِس کا مددگار یعقُوب کا خُدا ہے
اور جِس کی اُمّید خُداوند اُس کے خُدا سے ہے
6 جِس نے آسمان اور زمِین اور سمُندر کو
اور جو کُچھ اُن میں ہے بنایا۔
جو سچّائی کو ہمیشہ قائِم رکھتا ہے۔
7 جو مظلُوموں کا اِنصاف کرتا ہے۔
جو بُھوکوں کو کھانا دیتا ہے۔
خُداوند قَیدِیوں کو آزاد کرتا ہے۔
8 خُداوند اندھوں کی آنکھیں کھولتا ہے۔
خُداوند جُھکے ہُوئے کو اُٹھا کھڑا کرتا ہے۔
خُداوند صادِقوں سے مُحبّت رکھتا ہے۔
9 خُداوند پردیسیوں کی حِفاظت کرتا ہے۔
وہ یتِیم اور بیوہ کو سنبھالتا ہے
لیکن شرِیروں کی راہ ٹیڑھی کر دیتا ہے۔
10 خُداوند ابد تک سلطنت کرے گا۔
اَے صِیُّون ! تیرا خُدا پُشت در پُشت ۔
خُداوند کی حمد کرو۔